ملفوظات حکیم الامت جلد 14 - یونیکوڈ |
|
فرمایا کہ کیوں بڈھی ہڈیوں کو پریشان کیا وہیں رہنے دو ـ میں خرچ کے انتظام میں تھا کہ ایک رئیس نے تیس روپیہ ماہوار مقرر کر دئیے ـ حق تعالی سے بغض رکھنا کفر ہے : (239) فرمایا ـ اگر حق تعالی سے محبت کامل ہو تو توحید کا حق یہ ہے کہ حوادث کی نسبت حق تعالی کی طرف کرے کیونکہ غلبہ محبت سے ناگوار واقعہ سے بھی ناگواری نہ ہو گی اور اگر کامل محبت نہ ہو تو اسباب کی طرف نسبت کرنا اسلم ہے ورنہ بعض اوقات نعوذ باللہ حق تعالی سے بغض پیدا ہو جاتا ہے ـ اور حق تعالی سے بغض رکھنا کفر ہے ـ واپس ہدیہ کے وقت دو باتوں سے خوف : (240) فرمایا ـ میں جب کوئی ہدیہ واپس کرتا ہوں تو اس وقت دو باتوں سے بہت ڈر لگتا ہے ایک ناشکری دوسرے کبر ـ نیز دل شکنی سے بھی بہت بچتا ہوں مگر بعض عذر ہی ایسا قوی ہوتا ہے کہ اس پر عمل کرنا پڑتا ہے ـ صدقات نافلہ غنی کو بھی لینا جائز ہے : (241) فرمایا ـ صدقات نافلہ غنی کو بھی لینا جائز ہے اگرچہ خلاف اولی ہے اور ہدیہ میں کوئی خدشہ ہی نہیں اور صدقہ اور ہدیہ میں فرق یہ ہے کہ تصدیق میں تو محض ثواب مقصود ہوتا ہے اور ہدیہ میں اصل مقصود تطیب قلب ہوتا ہے گو اس تطیب سے ثواب بھی مل جائے اور نشان فرق یہ ہے کہ صدقہ اگر کسی محل میں صرف کریں اور رہاں سے واپس آ جاوے تو دوسری جگہ خرچ کیا جاتا جاتا ہے اور ہدیہ میں یہ نہیں ہوتا بلکہ خود اپنے صرف میں لاتے ہیں ـ