ملفوظات حکیم الامت جلد 14 - یونیکوڈ |
|
بنوانا کہتے ہیں ـ دوسری اٹھنا بیٹھنا اس میں دونوں اصلاحیں ہو جاتی ہیں ـ جسمانی بھی کہ ورزش ہے نفسانی یعنی اخلاقی بھی کہ زجر ہو جاتا ہے ـ بلا تحقیق لکھنا درست نہیں : (247) فرمایا ( ایک خط دکھلا کر ) یہ خط دیوبند سے طلبہ کا آیا ہے کوئی انجمن تقریر کرنے کے لئے قائم کی ہے لکھتے ہیں کہ آپ زکوۃ میں کتابیں دیا کرتے ہیں ـ لہذا ہم کو بھی دیجئے میں نے لکھدیا ہے کہ تم نے کس سے سنا ہے ـ ان کو یوں لکھنا چاہیے تھا کہ ہم نے سنا ہے کہ آپ وہ کتابیں تقسیم کرتے ہیں اگر واقعی بات ہے تو ہماری بھی درخواست ہے ـ لوگ تحقیق نہیں کرتے کہ حقیقت کیا ہے جو جی چاہا لکھ دیا ـ طلباء میں انجمن بنانے سے آزادی پیدا ہوتی ہے : (248) فرمایا میں متعارف انجمن بازی کے خلاف ہوں بالخصوص مدارس دینیہ میں ، کیونکہ اس سے حریت پیدا ہوتی ہے جو مدارس کے واسطے زہر ہو جاتی ہے ـ ایک مولوی صاحب نے یہ کیا کہ پڑھنے والے لڑکوں کی انجمن بنائی ـ کسی طالب سے کوئی قصور ہو جاتا تو طلبہ سے مشورہ لیتے کہ کیا سزا دینا چاہیے ـ نتیجہ یہ ہوا کہ ایک دن سب طلبہ نے متفق ہو کر کسی بات میں مولوی صاحب کی مخالفت کی آخر مولوی صاحب کو علیحدہ ہونا پڑا یہ اثر ہے آزادی کا ـ دوسری بات یہ ہے کہ ایسی انجمنوں میں تقریر بھی لازم ہے اور تقریر کی فکر میں درسیات کا مطالعہ نہیں کرتے مضمون ہی تلاش کرتے رہ جاتے ہیں ـ تعلیم مقصود چوپٹ ہو جاتی ہے ـ اس لئے میں نے اپنے یہاں یہ انتظام کیا ہے کہ اگر کوئی کافیہ پڑھنے والا ہے تو کافیہ ہی کا کوئی مضمون دے دیا کہ اس کی تقریر کرو