ملفوظات حکیم الامت جلد 14 - یونیکوڈ |
|
امور غیر مقصودہ : (357) فرمایا ـ بلوچستان سے خط آیا ہے لکھا ہے کہ ارواح انبیاء و اولیاء در دنیا می آئند یا نہ ـ میں نے جواب لکھدیا ہے کہ بدیں مسائل چہ حاجت ست در دین اور اگر تصحیح عقائد کی حاجت کا شبہ ہو تو اللہ اعلم کا عقیدہ کافی ہے ایسے امور غیر مقصودہ ہیں ـ وظائف تقویت تدابیر اصلاح کے لئے ہوتے ہیں : (358) فرمایا ـ یاد رکھنے کی بات ہے طریق میں وظیفے بیکار تو نہیں ہیں مگر ایسے باکار بھی نہیں جیسا لوگ جانتے ہیں کہ ان کو مقصود کے لئے کافی سمجھتے ہیں ـ اصل تو تدبیر ہے اصلاح کی اس کی تقویت کے واسطے وظیفہ ہے ـ اس کی مثال ایسی ہے کہ کوئی شخص نکاح تو کرے نہیں اور بچہ ہونے کے واسطے وظیفہ پڑھے تو بچہ کیسے ہو جاوے گا ـ کھیت تو بوؤ نہیں وظیفہ سے غلہ کیسے پیدا ہو جائے گا ـ تنخواہ دار مدرس اور اہل حرفہ کو مسجد میں کام کرنا ناجائز ہے : (359) فرمایا ـ حضرت حاجی صاحبؒ سے ایک شخص نے اپنا خواب بیان کیا کہ اپنے کو مسجد میں پاخانہ پھرتا ہوا دیکھتا ہوں ـ حضرت نے فرمایا معلوم ہوتا ہے تم کو وظیفہ دنیاوی کام کے واسطے مسجد میں پڑھتے ہو گے ـ اسی لئے حسب تصریح فقہاء تنخواہ دار مدرس یا کسی اہل حرفہ کو مسجد میں کام کرنا نا جائز ہے ـ