ملفوظات حکیم الامت جلد 14 - یونیکوڈ |
|
بعض طبائع میں رسول اکرم ؐ سے زیادہ محبت ہونے کا سبب : (363) بجواب ایک سوال کے فرمایا ـ بعض طبائع میں حضورؐ کے ساتھ خدا تعالی سے زیادہ محبت معلوم ہوتی ہے تو اس کی وجہ یہ ہے کہ حضورؐ کی نظیر موجود ہے گو کامل نظیر نہ سہی اور اللہ تعالی کی کوئی نظیر نہیں ہے ـ نفائسر کو بھی محبت میں دخل ہے ـ اس لئے اللہ کی محبت صرف جذب سے ہوتی ہے اور جذب اکثر ان اسباب سے ہو جاتا ہے ـ ذکر سے اور رحمت و انعامات کے خیال سے اور اہل محب کی صحبت سے ـ دل شکنی اور دین شکنی : ( 364) فرمایا ـ ایک صاحب نے لکھا ہے کہ لوگ مجھ سے تعویذ بہت مانگتے ہیں سخت پریشان ہوں ابتداء اس طرح ہوئی کہ گھر میں سالی کے واسطے تعویذ لکھا تھا ان کو فائدہ ہو گیا ـ دوسری پریشانی یہ ہے کہ میری آواز اچھی ہے ـ لوگ مجھ کو امام بناتے ہیں اور میری خاطر کرتے ہیں ـ شیطان بڑا ستاد ہے ـ خوف ہے کہ مجھ کو تعویذ گنڈوں میں نہ پھنسا دے یا امامت پر جو خاطر ہوتی ہے اس خاطر پر اجرت کا وسوسہ ڈال کر امامت سے اور اس کے ثواب سے محروم کر دے ـ میں نے جواب لکھدیا ہے کہ جو امامت پر خدمت کرتے ہیں ان سے کہہ دو کہ ہمارے پیر نے اس خدمت کے قبول کرنے سے منع کیا ہے اور تعویذ کی ابتداء تم نے لکھی ہے تو اس ابتداء کی انتہا بھی ہو سکتی ہے ـ کہدو کہ میں تعویذ نہیں دیتا ـ ایسے موقع پر بعضے لوگ کہتے ہیں کہ دل شکنی ہوتی ہے ـ مگر اس مشغلہ سے تو دین شکنی ہوتی ہے ـ