ملفوظات حکیم الامت جلد 14 - یونیکوڈ |
|
حضرت حکیم الامت کی بیعت کے وقت غیر مقلدین سے شرط : (18) فرمایا : بیعت کے وقت میں غیر مقلدوں سے یہ شرط کر لیتا ہوں کہ بد گمانی اور بد زبانی نہ کریں اور تقلید کو حرام خیال نہ کریں اور یہ کہ ہماری مجلس میں کبھی غیر مقلدین کا بھی ذکر ہوتا ہے - تم اپنے اوپر محمول مت کرنا - یہاں ایک غیر مقلد آ ئے تھے - انہوں نے بیان کیا کہ مولوی ( فلاں ) سے میں نے تھانہ بھون میں آ نے کے بابت دریافت کیا تو انہوں نے کہا ضرور جاؤ واقعی ان کی صحبت موجب برکت ہے - مگر اتنا یاد رہے کہ وہ اہل حدیث کے سخت دشمن ہیں - فرمایا - اگر اہل حدیث حق پر ہیں تو ان کے دشمن کی صحبت میں برکت ہونا کیا معنی اور اگر پھر بھی برکت ہے تو معلوم ہوا کہ یہ لوگ باطل پر ہیں - مولوی ہو کر اجتماع نقیضین اختیار کیا - سبکی اور سب کی : ( 19) ایک ذی علم نے عرض کیا کہ حضرت ان لوگوں نے یعنی اہل حدیث نے مولوی ( فلاں غیر مقلد ) کو جو یہاں بیعت ہو گئے ہیں بہت دق کیا - کہتے ہیں کہ تم وہاں جا کر ( تھانہ میں ) مرید ہوئے اس میں جماعت کی سبکی ہے ( فرمایا ) سب کی تو نہیں ہے - اسی اکیلے غریب کی ہے - پھر ایسے آدمی خود اپنی جماعت میں بنائیں جس کے بعد پھر ان کے لوگوں کو دوسری جگہ جانا نہ پڑے ۔ مگر بنانے سے کب بنتے ہیں - پھر اس کی تائید میں ( فرمایا ) کہ ایک بات نہایت کام کی کہتا ہوں وہ یہ کہ منتفع ہونا اختیاری ہے مگر نافع ہونا اختیاری نہیں ہے یہ حق تعالی کے فضل پر ہے - جس سے چاہیں خدمت میں لے لیں ـ