• السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ اس فورم کا مقصد باہم گفت و شنید کا دروازہ کھول کر مزہبی مخالفت کو احسن طریق سے سلجھانے کی ایک مخلص کوشش ہے ۔ اللہ ہم سب کو ھدایت دے اور تا حیات خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم کا تابع بنائے رکھے ۔ آمین
  • [IMG]
  • السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ مہربانی فرما کر اخلاق حسنہ کا مظاہرہ فرمائیں۔ اگر ایک فریق دوسرے کو گمراہ سمجھتا ہے تو اس کو احسن طریقے سے سمجھا کر راہ راست پر لانے کی کوشش کرے۔ جزاک اللہ

سیرت صحابہ رضوان اللہ اجمعین ۔ حافظ مظفر احمد ۔ یونی کوڈ

MindRoasterMir

لا غالب الاللہ
رکن انتظامیہ
منتظم اعلیٰ
معاون
مستقل رکن
سیرت صحابہ رضوان اللہ اجمعین ۔ حافظ مظفر احمد ۔ یونی کوڈ

حضرت ابوبکر صدیق ؓ
حلیہ و نام و نسب
قد لمبا، رنگ گورا ، چہرہ دبلا، خفیف جسم، آنکھیں دھنسی ہوئی اور پیشانی ابھری ہوئی۔ آپ کا نام عبداللہ تھا ۔ بعض روایات میں زمانہ جاہلیت میں نام عبدالکعبہ بھی آیا ہے۔ والد کا نام عثمان بن عامر اورکنیت ابو قحافہ تھی۔ شجرہ نسب آٹھویں پشت میں آنحضرتؐ سے جا ملتا ہے۔ والدہ کا نام سلمہ بنت صخر بن عامر تھا۔کنیت ام الخیر مشہور تھی۔حضرت ابوبکرؓ نبی کریمؐ کے دو سال بعد پیدا ہوئے۔ لقب عتیق تھا جس کے معنی آزاد کے ہیں۔ اس کی وجہ تسمیہ آگ سے آزاد ہونابیان کی جاتی ہے۔ (1) اسی طرح صدیق بھی آپ کا لقب ہے جو آنحضرت ؐ کی بلا تردّد تصدیق کرنے پر عطا ہوا۔
ابتدائی حالات
حضرت ابوبکرؓ قبیلہ تیم بن مرہ بن کعب سے تعلق رکھتے تھے۔ عرب کے مختلف قبائل میں مختلف کام تقسیم تھے۔ اس قبیلہ کا کام خون بہا اور دیتیں جمع کرنا تھا۔ حضرت ابوبکرؓ اپنے قبیلہ میں یہ اہم کام سرانجام دیتے ۔ خون بہا کی رقوم جمع کرنے کے علاوہ فیصلے وغیرہ کرنے کی ذمہ داری بھی ان کی تھی۔
عرب کے رواج کے مطابق آپ نے بھی تجارت کا پیشہ اختیار کیا۔کپڑے کی تجارت کرتے تھے۔ اعلیٰ اخلاق کے مالک اور ایماندار تاجر تھے۔ جاہلیت کے زمانہ میں بھی جبکہ شراب عربوں میں پانی کی طرح استعمال ہوتی تھی، کبھی شراب نہ پی۔ علم انساب کے بڑے ماہر تھے۔ (2)
رسول ؐاللہ سے تعلق اور قبول اسلام
آنحضرتؐ حضرت خدیجہؓ سے شادی کے بعد حضرت ابوبکرؓ کے محلہ میں سکونت پذیر ہوئے۔ اس دوران ان سے دوستانہ ہوا۔ تقریباً ایک ہی قسم کی پاکیزہ عادات نیک خیالات اور پاک و صاف دل رکھنے کے باعث یہ دوستی گہری ہوتی گئی اس زمانہ میں حضرت ابوبکرؓ نے رؤیا میں دیکھا کہ مکہ میں چاند اترا ہے اور اس کی سب گھروں میں روشنی پھیل گئی ہے۔ پھر وہ حضرت ابوبکرؓ کی آغوش میں اکٹھا ہوگیا۔ انہوںنے یہ خواب بعض اہل کتاب کو سنائی توتعبیریہ بتائی گئی کہ نبی موعود کو ماننے کی سعادت نصیب ہوگی۔(3)جب آنحضرتؐ نے دعویٰ نبوت فرمایا۔ حضرت ابوبکرصدیق ؓ ان دنوں باہر سفر پر تھے۔ واپس مکہ پہنچے تو آنحضرت ؐ کے دعوی نبوت کی خبر ہوئی۔ فوراً حضور ؐ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور دعویٰ کے بارے میں استفسار کیا۔آپؐ نے فرمایا میں اللہ کا رسول ہوں ۔تم مجھ پر ایمان لائو۔ حضرت ابوبکرؓ نے فوراً بیعت کرلی اور یوں رسولؐ اللہ کو ان کے اسلام پر بے حد خوشی ہوئی۔(4) مولانا رومؒ کیا خوب فرماتے ہیں:۔
لیک آں صدیق حق معجز نخواست
گفت ایں روخود نہ گوید غیر راست
یعنی حضرت ابوبکرؓ نے کوئی معجزہ آپ کی صداقت پر طلب نہ کیا اور چہرہ دیکھ کر ہی بیعت کر لی کہ یہ جھوٹے کا چہرہ نہیں ہوسکتا۔ رسول کریمؐ نے فرمایا کہ’’ میں نے جسے بھی اسلام کی طرف بلایا اسے کچھ نہ کچھ تردّد ضرور ہوا۔سوائے ابوبکرؓ کے کہ جب میں نے ان کے سامنے اسلام پیش کیا تو انہوں نے ذرہ برابر بھی تردّد نہیں کیا۔‘‘(5)
علامہ ابن عبدالبّر لکھتے ہیں کہ حضرت ابوبکرؓ مردوں میں سے سب سے پہلے اسلام لانے والے ہیں اور ان کی چار پشتوں کو صحابی رسولؐ ہونے کا شرف حاصل ہے۔(6)
حضرت ابن عباسؓ سے شعبی نے پوچھا کہ سب سے پہلے کس نے اسلام قبول کیا؟ انہوں نے کہا آپ نے حسانؓ بن ثابت کے یہ شعر نہیںسنے۔
اِذَا تَذَکَّرتَ شَجوًا مِن اَخِی ثِقَۃٍ فَاذکُر اَخَاکَ اَبَا بَکرٍ بِمَا فَعَلَ
خَیرَ الَبرِیَّۃِ اَتقَاھَا وَاَعدَلَھَا بَعدَ النَّبِیِّ وَاَوفَاھَا بِمَا حَمَلَ
اَلثَّانِیُ التَّالِیُ المَحمُودُ مَشھَدُہٗ وَاَوَّلُ النَّاسِ مِنھُم صَدَّقَ الُّرسَلَ
وَثَانِیَ اثنَینِ فِی غَارِ الُمِنیفِ وَقَد طَافَ العَدُوُّ بِہٖ اِذ صَعِدَا الجَبَلَ
یعنی ’’ جب تمہارے دل میں کوئی درد آمیز یاد تمہارے کسی بھائی کے متعلق پیدا ہو تو اپنے بھائی ابو بکرؓ کو بھی یاد کر لیا کرو اس کی ان خوبیوں کی وجہ سے جو یاد رکھنے کے قابل ہیں ۔ وہ آنحضرؐت کے بعد سب لوگوں سے زیادہ متقی اور منصف مزاج تھا اور سب سے زیادہ اپنی ان ذمہ داریوں کو پورا کرنے والا تھا جو اس نے اٹھائی تھیں ۔ وہی ابو بکرؓ جو غار ثور میں آنحضوؐر کے ساتھ دوسرا شخص تھا جس نے اپنے وجود کو آپ کی اتباع میں بالکل محو کر رکھا تھا اورجس کام میں بھی ہاتھ ڈالتا تھا اسے خوبصورت بنا دیتا تھا۔ اور وہ ان لوگوں میں سے پہلا تھا جو رسولؐ اللہ پر ایمان لائے تھے۔ ہاں وہ ابو بکر ؓجسے قرآن میں دو میں سے دوسرا کہہ کر یاد کیا گیا ہے ۔اس وقت جب وہ پہاڑی پر چڑھے تھے اور دشمن نے اس غار کا گھیرائو کر لیا تھا ۔‘‘(7)
تبلیغ اسلام
اسلام لانے کے بعد حضرت ابوبکرؓ ہمہ تن اسلام کی تبلیغ اور دوسرے دینی کاموں میں مصروف ہوگئے۔ ان کی تبلیغی کاوشوں اور دعائوں کے نتیجہ میںقریش مکہ کے مایہ ناز فرزند اسلام کی آغوش میں آگئے۔ جن میں حضرت عثمان ؓ، حضرت طلحہؓ، حضرت زبیر بن العوامؓ، حضرت سعد بن ابی وقاصؓ اور حضرت عبدالرحمن بن عوفؓ خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔ یہ سب اصحاب عشرہ مبشرہ میں شمار ہوئے۔ رسول کریمؐ نے ان کی زندگی میں ہی انہیںجنت کی بشارت دی۔
مسلمان ہونے کے بعد حضرت ابوبکرؓ نے جب مسلمان غلاموں کو ظلم و ستم کا نشانہ بنتے ہوئے دیکھا تو انہیں خرید کر آزاد کرادیا۔ ان آزاد ہونے والے غلاموں میں حضرت بلالؓ، عامر بن فہیرہ، نذیریہ، نہدیہ اور جاریہ بن نوفل معروف ہیں۔ ان کے علاوہ بھی حضرت ابوبکرؓ نے بیسیوں غلاموں کو خرید کر آزاد کروایا اور اپنا مال بے دریغ خدا کی راہ میں خرچ کیا۔(8)
راہ خدا میں تکالیف
رسول کریمﷺنے فرمایا کہ ’’جب لوگوں نے انکار کیا ابو بکر ؓ نے میری تصدیق کی اور اپنے مال اور جان سے میری مدد کی۔‘‘حضرت ابو بکرؓ نے اسلام قبول کرنے کے بعد بہت تکالیف اٹھائیں۔ بعض دفعہ قریش مکہ نے اتنا مارا کہ سر کے بال گر گئے کیونکہ وہ آپ کے سر اور داڑھی کے بالوں کوپکڑ کر کھینچتے تھے۔حضرت ابو بکرؓ کے ابتدائے اسلام کا واقعہ ہے۔ ابھی مسلمان چالیس افراد سے بھی کم تھے کہ انہوں نے آنحضرؐت سے بڑے اصرار کے ساتھ خانہ کعبہ میں اعلانیہ عبادت کرنے کی درخواست کی اورآپؐکو خانہ کعبہ لے گئے اور عبادت کے بعد خطبہ دیا۔کفار نے انہیں پائو ں اور جوتوں سے اتنامارا کہ چہرہ کا حلیہ بگڑ گیا۔پہچانے نہیں جاتے تھے ۔ یہاں تک کہ آپ کو کپڑے میں اٹھا کر گھر پہنچایا گیا۔اندیشہ تھا کہ جانبر نہ ہوسکیں گے۔ بے ہوشی میں کسی بات کا کوئی جواب نہ دیتے تھے۔شام کو جب ہوش آئی تو پہلا سوال یہ تھا’’ میرے آقاؐ کا کیا حال ہے؟ رسول اللہ ﷺکو تو کوئی تکلیف نہیں پہنچی؟‘‘(9)
بیعت کے بعد حضرت ابوبکرؓ کے پائے ثبات میں ذرہ بھر بھی لغزش نہ آئی وہ ہمیشہ دین کی اشاعت اور آنحضرت ﷺکی حفاظت کے لئے آپؐ کے آگے پیچھے اوردائیں بائیںکمر بستہ رہے اور آنحضور ﷺکی خاطر کبھی اپنی جان کی بھی پرواہ نہیں کی۔
ایک دفعہ ایک کافر نے ایک کپڑا آنحضرتﷺ کے گلے میں ڈال کر بل دینے شروع کئے یہاں تک کہ آپ کا دم گھٹنے لگا۔ حضرت ابوبکرؓ تشریف لائے۔ آنحضوؐر کو ان ظالموں سے چھڑایا اور کہا ’’کیا تم ایک شخص کو اس لئے قتل کرتے ہو کہ وہ کہتا ہے کہ میرا رب اللہ ہے ؟‘‘ان ظالموں نے حضرت ابوبکرؓ کو پکڑ لیا اور مارمار کر بے حال کر دیا۔ حضرت ابوبکرؓ کی زبان پر یہ الفاظ تھے ۔ پاک ہے اللہ جو جلال اورعزت والا ہے۔(10)
نوفل بن خویلد حضرت ابوبکرؓ اور حضرت طلحہؓ کوایک رسی سے باندھ دیا کرتا تھا تاکہ وہ نماز وغیرہ دینی کاموںسے رک جائیں ۔ مگر یہ مصائب ان کے پائے ثبات میں کوئی لغزش پیدا نہ کر سکے۔ (11)
جب مکہ میں تکالیف انتہا تک پہنچ گئیں تو حضرت ابوبکرؓ کو دربارِ نبویﷺسے ہجرت حبشہ کی اجازت مرحمت فرمائی گئی۔ ابھی مکہ سے باہر نکلے ہی تھے کہ ایک کافر سردارابن الدغنہ سے ملاقات ہوئی۔ اس کے پوچھنے پر سارا قصہ سنایا۔ اس نے کہاکہ آپ تو دوسروں کا بوجھ اٹھاتے ہیں۔ غریبوں کی مدد کرتے ہیں۔ ایسا مرنجاں مرنج انسان ہم مکہ سے نہیں جانے دیںگے۔ پھروہ حضرت ابوبکر صدیق ؓ کو امان دے کر واپس لایا۔ حضرت ابوبکرؓ صبح کے وقت قرآن شریف کی تلاوت بڑے دردوسوز اور خوش الحانی سے کرتے تو بچے بوڑھے سب جمع ہوجاتے۔ اہل مکہ نے اس پُرتاثیر کلام کا اثر دیکھا تو ابن الدغنہ کے ذریعہ آپ کو بلند آواز میں قرآن پڑھنے سے روکنا چاہا۔ انہوں نے صاف انکار کردیا اور کہا کہ ـ’’ابن الدغنہ تم اپنی امان واپس لے لو۔ میرے لئے خدا کی پناہ اور حفاظت کافی ہے ۔(12)
ہجرت مدینہ اور مدینہ کے حالات:
حضرت ابوبکرؓ ہجرت حبشہ نہ کر سکے توکچھ عرصہ بعد آنحضرتﷺسے مدینہ ہجرت کی اجازت طلب کی۔ حضورؐ نے فرمایا: ’’ابوبکر! انتظار کرو، شاید اللہ تمہارا کوئی اور ساتھی پیدا کردے۔‘‘
چند دنوں کے بعدکفار مکہ نے دارالندوہ میں آنحضرتﷺکے قتل کا منصوبہ بنایا ۔ ادھر آنحضورﷺ کو بذریعہ وحی الٰہی ہجرت کی اجازت مل گئی۔ آپؐ فوراً حضرت ابو بکرؓ کے گھر تشریف لے گئے اور فرمایا کہ ہجرت کی اجازت مل گئی ہے۔ حضرت ابوبکرؓ پہلے ہی تیار تھے۔ فوراًعرض کیا’’ الصحبۃ یا رسولؐ اللہ‘‘ کہ اے اللہ کے رسولﷺ!اپنے اس غلام کو ہمراہی کاشرف بخشیں۔ حضرت اسمائؓ کہتی ہیں کہ ہمارے اباحضرت ابوبکرؓ نے راہ خدا میں خرچ کرنے کے بعد ہجرت کے لئے جوکچھ بچا کر رکھا ہواتھاوہ بطورزادراہ ساتھ لے گئے۔یہ رقم پانچ ہزار درہم کے قریب تھی۔ ہجرت مدینہ کے مبارک سفر میں حضرت ابوبکرصدیقؓ نے جس وفاداری اور جانثاری کا نمونہ دکھایا وہ عشق و وفا کی الگ داستان ہے۔انہوں نے اپنی دو اونٹنیوں میں سے ایک اونٹنی آنحضرتؐ کی خدمت میں بلامعاوضہ پیش کردی۔ رسولؐ اللہ نے قیمت ادا کرنے کی شرط پر قبول فرمائی۔ پھر غارثور میں جان خطرہ میں ڈال کر رسول ؐخدا کی معیت کی توفیق پائی جس کا ذکر خود اللہ تعالیٰ نے ان الفاظ میں فرمایا: ثَانِیَ اثنَینِ اِذھُمَافِی الغَارِ۔۔۔الخ(سورۃ التوبہ:40)’’یعنی وہ دو میں سے دوسرا جب کہ وہ غار میںتھے ۔جب وہ اپنے ساتھی سے فرما رہے تھے غم نہ کرو۔اللہ ہمارے ساتھ ہے ۔ تب اللہ تعالیٰ نے اس پر اپنی سکینت نازل فرمائی اور اس کی مدد سے ایسے لشکروں سے کی جو تم نہیں دیکھتے تھے۔‘‘حضرت ابوبکرؓ خود بیان کرتے تھے کہ جب تعاقب کرنے والے قریش کے سردار غار کے منہ پر پہنچ گئے تو میں نے عرض کیا کہ اگر ان میں سے کوئی اپنے قدموں کے نیچے ہوکر نظر ڈالے تو ہمیں دیکھ سکتا ہے۔ نبی کریمﷺ نے فرمایا ’’اے ابوبکرؓ تمہارا ان دو کے بارے میں کیا خیال ہے جس کے ساتھ تیسرا خدا ہے۔‘‘(13)
سفر ہجرت میں جب قریش مکہ رسول اللہ ﷺکے قتل کے درپے اور تعاقب میں تھے ۔ حضرت ابوبکرؓ آپؐ کی حفاظت کی خاطر سراقہ کے تعاقب سے پریشان ہوکر رونے لگے فرمایا ’’کیوں روتے ہو؟‘‘ عرض کیا ’’خدا کی قسم اپنی جان کے خوف سے نہیں روتا آپؐ کی خاطر روتا ہوں کہ تعاقب والے پہنچ گئے ہیں ۔‘‘تب رسول کریم ﷺ نے دعا کی اور سراقہ کے گھوڑے کے پائوں زمین میں دھنس گئے۔ جب کئی بار ایسا ہوا تو خود سراقہ نے اپنے لئے دعا کی درخواست کی اورحضوؐر کی دعا سے نجات پاکر اورانعام و اکرام کے عہدوپیمان لے کر واپس لوٹا۔ اس طور پر آپؐ یثرب پہنچے۔(14)
ہجرت مدینہ کے تھوڑے ہی عرصہ بعد جب رسول ؐ نے انصار و مہاجرین میں مؤاخات قائم فرمائی۔ صدیق اکبرؓ کے بھائی حضرت خارجہ ؓبن زید انصاری ٹھہرے اورحضرت ابو بکرؓنے مدینہ کے مضافات میں سخ مقام پر ان کے ساتھ قیام فرمایا۔ خاندانی مراسم بڑھے تو حضرت خارجہؓ کی لڑکی حبیبہ سے حضرت ابو بکرؓ نے شادی کی جن کے بطن سے اُمّ کلثوم ہوئیں۔ آپ کا دوسرا کنبہ جس میں حضرت عائشہ ؓاور حضرت ام رومانؓ شامل تھیں، حضرت ابو ایوبؓ انصاری کے گھر ٹھہرا ہوا تھا۔حضرت ابو بکرؓ باقاعدہ مدینہ ان کی خبرگیری کو جایا کرتے۔ مدینہ میں حضرت ابوبکرؓ آنحضرت ﷺ کے دست راست اور مشیر خاص بن کرتمام مہمات دینیہ اور دینی خدمات میں ہمیشہ پیش پیش رہے۔
غزوات میںشرکت
حضرت ابوبکرؓنے تمام غزوات میں بدر سے فتح مکہ تک رسول اللہﷺ کے ہمرکاب رہ کر عظیم الشان خدمات انجام دینے کی توفیق پائی۔
ہجرت مدینہ کے بعد سفر وحضراور امن و جنگ کی ہر حالت میں حضرت ابوبکرؓ رسول اللہﷺ کے معاون و مددگار اور’’ سلطان نصیر‘‘ رہے ۔ رسول اللہﷺ کو حضرت خدیجہؓ کی وفات کے بعد نکاح کی ضرورت پیش آئی۔حضرت ابوبکرؓ نے عمروں میں تفاوت کے باوجودنہ صرف اپنی لخت جگر حضرت عائشہؓ کا رشتہ بخوشی پیش کر دیا تھا بلکہ حضوؐر کی ضرورت کے پیش نظر جلد رخصتی کی خاطر آپؐ کیلئے حق مہر کا انتظام بھی خود کیا۔(15)
غزوہ بدر میں رسول کریمﷺ کیلئے بغرض حفاظت ایک جھونپڑی تیار کی گئی ۔حضرت علی ؓ بیان کرتے ہیں’’ ہم سوچ ہی رہے تھے کہ اس نازک جگہ پر مشرکین کے حملہ سے حفاظت کیلئے کون ڈیوٹی دے کہ معاًحضرت ابوبکرؓ تلوار سونتے وہاں کھڑے ہوگئے کہ جو حملہ آور اس طرف بڑھے گاوہ اس کا کام تمام کردیں گے۔ بلاشبہ ابوبکرؓ سب سے زیادہ بہادر انسان تھے۔‘‘ (16)
جنگ سے پہلے رسول کریمﷺ بے چین ہوکر دعائیںکررہے تھے ۔ اس وقت حضرت ابوبکرؓ ہی آپؐ کو تسلی دے رہے تھے کہ ’’یا رسول اللہﷺ! بس کریں آپؐ نے تو اپنے رب سے دعا کرنے میں حد کردی۔‘‘(17)
غزوہ احد میں رسول کریم ﷺحضرت ابوبکرؓ کی شجاعت او ر بہادری دیکھ کر فرماتے تھے ’’آپ اپنی تلوار روک رکھیں ہمیں آپ کی ذات کا نقصان قبول نہیں۔‘‘(18)
احد کے بعد رسول کریمﷺ نے دشمن کے تعاقب کا فیصلہ فرمایا تو حضرت ابوبکرؓ ان جانثاروں میں تھے جنہوں نے آپؐ کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے غزوہ حمراء الاسد میں شرکت کی۔(19)
غزوہ بنو مصطلق میں مہاجرین کا جھنڈا حضرت ابوبکرؓ کے ہاتھ میں تھا۔(20)
اسی غزوہ سے واپسی پر حضرت عائشہ ؓ کے ہار کی گمشدگی اور قافلہ سے پیچھے رہ جانے کے باعث ’’افک‘‘کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ جس میں آپ کی صاحبزادی ام المومنین حضرت عائشہؓ پر منافقوں نے بہتان طرازی کی۔ اس ابتلاء میں حضرت ابوبکرؓ کی عجیب مومنانہ شان ظاہر ہوئی۔جب حضرت عائشہؓرسولؐ اللہ کے گھر سے اپنے والدین کے گھر آئیں تو حضرت ابوبکرؓ نے کہا کہ رسولؐ اللہ کی اجازت کے بغیر میں بیٹی کو بھی اپنے گھر میں نہیں رکھوںگا۔ پھر حضورؐ کی ہدایت پر انہیں گھر میں ٹھہرایا۔(21)
حضرت عائشہؓ کی براء ت نازل ہونے سے پہلے رسول کریمﷺ ان کے گھر آئے اور حضرت عائشہؓ سے فرمایا’’ اگر تم سے کوئی غلطی ہوئی ہے تو توبہ کرو۔ اللہ اپنے بندوں کی توبہ قبول کرتا ہے۔‘‘ حضرت عائشہ ؓ کہتی ہیں کہ میںنے انتظار کیا کہ میرے والدین میری طرف سے کوئی جواب دیں۔ جب وہ خاموش رہے تو میں نے کہا کہ آپ لوگ جواب کیوں نہیں دیتے؟ انہوں نے کہا ’’ہم خداکے رسولﷺ کو کیا جواب دیں۔‘‘ تب حضرت عائشہؓ نے خود اپنا موقف خوب کھول کر بیان کیا اسی موقع پر حضوؐر پر وحی کی کیفیت طاری ہوئی اوراللہ تعالیٰ کی طرف سے سورۃ نور کی وہ آیات اتریں جن میں حضرت عائشہؓ کی براء ت کاذکرتھا۔ اس سارے عرصہ ابتلاء میں حضرت ابوبکرؓ کی طرف سے کمال صبرو استقامت اور رسول اللہ ﷺکے لئے ایثا ر و فدائیت کا نمونہ ظاہر ہوا۔(22)
صلح حدیبیہ کے موقع پر بھی حضرت ابوبکرؓرسول اللہ ﷺکے ہمرکاب تھے۔ کفار کا نمائندہ عروہ بن مسعو د مصالحت کیلئے آیا تو آپؐ سے کہنے لگا’’ میں دیکھ رہا ہوں کہ آپ کے گرد متفرق لوگ جمع ہیں جو مقابلہ کے وقت بھاگ جائیں گے۔ ‘‘حضرت ابوبکرؓ یہ سن کر جوش و غیرت رسولؐ کے باعث خاموش نہ رہ سکے اوراسے سخت برا بھلا کہتے ہوئے جواب دیاکہ ’’ہمارے بارے میں یہ کہتے ہو کہ ہم بھاگ جائیں گے یا آپؐ کو چھوڑ دیں گے؟‘‘اس نے پوچھا یہ کون ہے؟ پتہ چلا ابوبکرؓ ہیں توکہنے لگا’’اگر ان کا مجھ پر احسان نہ ہوتا جس کا بدلہ ابھی میں نے نہیں چکایا تو ضرور اس کا جواب دیتا۔‘‘ بہرحال حضرت ابوبکرؓ کی دینی غیرت اس موقع پر بھی خوب ظاہر ہوئی۔(23)
رسول اللہ ﷺکی ہجرت کے وفادار ساتھی حضرت ابوبکرؓ فتح مکہ کے موقع پربھی آپؐ کے دائیں جانب ہوتے ہوئے فاتحانہ شان کے ساتھ مکہ میں داخل ہو رہے تھے۔ (24)
امارت و امامت ابوبکرؓ
9ہجری میں فتح مکہ کے اگلے سال وفود عرب کی مدینہ میں آمد اور دیگر اہم امور کے پیش نظر رسول خداﷺحج بیت اللہ کے لئے مکہ نہ جاسکے اور حضرت ابوبکرؓ کو امیر الحج مقرر فرماکر مسلمانوں کے کثیر التعداد گروہ کے ساتھ روانہ فرمایا۔ مسلمانان عالم کا یہ پہلا آزادانہ حج تھا جس کی قیادت حضرت ابوبکر صدیق ؓ رسول اللہﷺکی نیابت میں فرما رہے تھے۔(25)
حجۃ الوداع کے اگلے سال دس ہجری میں رسول اللہﷺ بیمار ہوئے اور مسجد میں نماز پڑھانے تشریف نہ لاسکے تو امامت نماز کی سعادت حضرت صدیق اکبرؓ کے حصہ میں آئی۔
حضرت عائشہؓبیان کرتی ہیں کہ حضورؐ نے جب حضرت ابوبکر ؓ کو امامت کا ارشاد فرمایا تو میں نے عرض کیا کہ’’ یارسول اللہ ﷺوہ رقیق القلب ہیں۔ حضرت عمرؓ کو ارشاد فرمادیجئے‘‘ آپؐ نے فرمایا ’’ابوبکر ؓ کو کہو کہ نماز پڑھائیں‘‘پھر میں نے حضرت حفصہ ؓکی وساطت سے یہی بات رسول اللہؐ کو کہلوائی۔ آپؐ نے پھر وہی جواب دیا۔ حضرت حفصہؓ نے دوبارہ عرض کیا تو فرمایا ’’تم وہ عورتیں ہو جنہوں نے یوسفؑ کو پھسلانے کی کوشش کی تھی۔ ابوبکر ؓ کو کہو کہ نماز پڑھائیں۔‘‘ (26)
ایک دفعہ حضرت ابوبکرؓ کی غیرموجودگی میںحضرت بلالؓ نے حضرت عمر ؓکو نماز پڑھانے کے لئے کہہ دیا۔ جب حجرہ میں رسول اللہ ﷺکو حضرت عمرؓ کی آواز پہنچی تو فرمایا ’’ابوبکر ؓ کہاں ہیں۔ اللہ اور مسلمان یہ بات پسند کرتے ہیں کہ ابوبکرؓ نماز پڑھائیں۔‘‘ (27)
دراصل ان ارشادات میں حضرت ابوبکرؓ کی امامت اور خلافت کی طرف اشارہ تھا جو آئندہ آپؓ کو عطاء ہونے والی تھی۔
وفات رسولؐ اور قیام خلافت راشدہ
آنحضرت ﷺ کی وفات پر جب صحابہ مارے غم کے دیوانے ہو گئے اور ہزاروں بادیہ نشین مرتد ہو گئے اور ایک عجیب خوف و ہراس کی کیفیت پیدا ہو گئی۔ حضرت عمر ؓ جیسے جلیل القدر صحابی بھی رسولؐ اللہ کی محبت میں از خود رفتہ ہو کر یہ ماننے کو تیار نہ تھے کہ رسولؐ اللہ فوت ہوگئے ہیں۔وہ تلوار کھینچ کر یہ اعلان کرنے لگے کہ جو کہے گا کہ رسول اللہ ﷺ فوت ہوگئے ہیں، میں اس کا سر تن سے جدا کر دوں گا۔ معلوم ہوتا ہے کہ صحابہ اس اچانک صدمہ کے لئے تیار نہیں تھے۔ اس موقعہ پر حضرت ابو بکر ؓ کو خدا تعالیٰ نے کھڑا کیا اور آپ استحکام خلافت کا باعث بنے۔ وہ روحانی قیادت جس کی صلاحیت آپ کے وجود میں مخفی تھی حالات کے تقاضا پرباذن الہٰی سامنے آئی اور آپ آنحضرتﷺاور اسلام کی حمایت میں آگے بڑھے۔ حضرت ابو بکرؓ مدینے کے مضافات سخ نامی بستی میں رہائش پذیر تھے آپ مدینے تشریف لائے آنحضرتؐ کی پیشانی پر بوسہ دیااور فرمایا اللہ تعالیٰ آپ پر دو موتیں اکٹھی نہیں کرے گا۔پھر مسجد تشریف لے گئے وہاں حضرت عمر ؓ اس وقت تلوار لے کرکھڑے ہوئے تھے۔ ان سے آپؓ نے فرمایا ’’اے قسمیں اٹھا کر تقریر کرنے والے ٹھہرواور بیٹھ جائو۔‘‘پھر صحابہ سے یوں مخاطب ہوئے۔ مَن کَانَ مِنکُم یَعبُدُ مُحَمَّدًا فَاِنَّ مُحَمَّدًا قَد مَاتَ وَمَن کَانَ مِنکُم یَعبُدُ اللّٰہَ فَاِنَّہ‘ حَیّ لَایَمُوتُکہ جوتم میں سے محمدﷺ کی عبادت کرتاتھاوہ یاد رکھے کہ محمدﷺفوت ہوچکے ہیں۔اور تم میں سے جو اللہ کی عبادت کرتا ہے وہ یاد رکھے کہ خدازندہ ہے اس پر کبھی موت نہ آئے گی پھر آپ نے یہ آیت پڑھی ۔ وَمَامُحَمَّد اِلَّا رَسُول قَد خَلَت مِن قَبلِہِ الرُّسُلُ (آل عمران:145)
کہ محمدؐ اللہ کے رسول ہیں اور آپؐ سے پہلے سب رسول فوت ہوچکے ہیں۔
حضرت عمرؓ کا بیان ہے کہ جب انہیںاس حقیقت کا ادراک ہوا۔ وہ کھڑے نہ رہ سکے اور غم کے مارے نڈھال ہو کر بیٹھ رہے۔پھر تو مدینہ کے ہر شخص کی زبان پر یہ آیت تھی اور وہ رسول اللہؐ سے پہلے تمام انبیاء کی وفات کی دلیل سے رسول اللہﷺکی وفات کا اعلان کرنے کا حوصلہ پارہا تھا۔(28)
الغرض وہ وقت بہت ہی نازک اورمشکل تھا۔ حضرت عمرؓ بیان کرتے ہیں کہ’’ ہماری زندگیوں میں جتنے موا قع آئے، ان میں اس سے زیادہ خطرناک موقع میں نے نہیں دیکھا۔ ‘‘ پہلی دفعہ اللہ تعالیٰ کاوہ وعدہ خلافت پورا ہونے والا تھا اور پہلے ایسا تجربہ موجود نہیں تھا کہ انتخاب کیسے ہو؟ اورکون خلیفہ مقررہو؟جبحضرت ابو بکر ؓ نے وفات رسولﷺ کا اعلان کیا ہے۔ صحابہ صدمہ سے ایسے چور ہوئے کہ مسجد نبوی میں ایک آہ و بکا اور گریہ تھی بس! لوگوں کو کچھ سمجھ نہ آتی تھی کہ کیا کریں اس دوران انصار مدینہ اپنے سردار سعد بن عبادۃ کے پاس ان کے ڈیرہ سقیفہ بنو ساعدہ میں اکٹھے ہوئے۔ ادھر مہاجرین میں سے بزرگ صحابہ حضرت ابوبکر ؓ کے پاس حضرت عمر ؓاورحضرت ابوعبیدہؓ بن الجراح اور مہاجرین اکٹھے ہوئے اور سوچنے لگے کہ اسلام کے اوپر بڑا خطرناک وقت ہے کیا کیاجائے ۔ حضرت علی ؓ ، حضرت زبیر ؓ اور اہل بیت کے افراد آنحضورﷺکے گھر میں تجہیز و تکفین کے کاموں میں مصروف تھے۔ حضرت عمر ؓ کہتے ہیں کہ میں نے کہا’’ اے ابو بکرؓ آئیے ہم انصار کے پاس چلیں۔ راستے میں ہمیں دو انصاربزرگ ملے انہوں نے یہ معلوم کرکے کہ ہم اپنے انصار بھائیوںکے پاس جا رہے ہیں۔ ہمیں فتنہ کے ڈر سے وہاں جانے سے منع کیا اوربتایا کہ وہ لوگ کسی اور طرف مائل ہو چکے ہیں تم اپنا کوئی الگ فیصلہ کرلو۔وہاں جاناخطرناک ہے ۔ میں نے کہاخدا کی قسم! ہم توضرور وہاں جائیں گے۔‘‘پھر جب سقیفہ بنو ساعدہ پہنچے تو دیکھا کہ ایک شخص کمبل اوڑھ کر بیٹھا ہے۔ پتہ چلا کہ سردارخزرج سعد بن عبادہ کو بخار ہے۔ گویا اس بخار کی کیفیت میں امیربنانے کے لئے اسے وہاں لایا گیا تھا۔اس موقع پر انصار کا خطیب کھڑا ہوااس نے اپنی تقریر شروع کرتے ہوئے کہا
’’ ہم اللہ کے انصار اور اس کا لشکر ہیں‘‘پھر انصار کے مناقب بیان کرکے مہاجرین کو مخاطب کیا کہ’’آپ مہاجرین کی جماعت ہو۔ تمہار ی قوم کے چند بدو چاہتے ہیں کہ ہمارا استیصال کریں اور امارت و حکومت سے ہمیںمحروم کردیں۔‘‘ حضرت عمر ؓ کہتے ہیں جب وہ خاموش ہوا تو میں نے اس کا جواب دینا چاہا اور میں نے اس موقع کیلئے ایک بہت خوبصورت نقشہ ذہن میں اپنی تقریر کا سجایا ہوا تھا لیکن حضرت ابو بکرؓ نے مجھے با ت کرنے سے روک دیا۔میں نے پسند نہ کیا کہ انہیں ناراض کروں کیونکہ مجھے حضرت ابو بکر ؓکا بہت لحاظ تھا۔ اوروہ مجھ سے کہیں زیادہ بردبار اور زیادہ با وقار تھے ۔
پھر انصار کا ایک اورخطیب کھڑا ہوا اور اس نے کہاکہ’’ اے مہاجرین کی جماعت!رسول کریمؐ کسی بھی مہم کیلئے تمہارے ایک آدمی کے ساتھ ہمارا بھی ایک آدمی چنتے تھے جس سے صاف ظاہر ہے کہ امارت و حکومت ہم دونوں کا حق ہے۔ ایک امیر ہم میں سے اور ایک تم میں سے ہونا چاہیے۔‘‘ اس پر حضرت زیدؓ بن ثابت انصاری نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ’’ رسولؐاللہ مہاجرین میں سے تھے اور ہمارا امام بھی مہاجرین میں سے ہوگا اور ہم اس کے انصار و مددگار ہونگے۔‘‘حضرت عمر ؓبیان کرتے ہیں کہ اس کے بعد حضرت ابو بکر ؓ نے میری سوچوں سے کہیں بڑھ کر ایسی شاندار فی البدیہہ تقریر کی کہ مجمع پر ایک سکوت طاری ہو گیا ۔ انہوں نے اپنی تقریر کا آغاز انصار کے فضائل و مناقب سے کرتے ہوئے فرمایا کہ’’یہ سب ہمیں تسلیم! مگر امر واقعہ یہ ہے کہ آنحضرت ؐ کے ساتھ تعلق اور دینی و دنیوی وجاہت کے باعث قریش کا عرب میں ایک مقام ہے ۔اے انصار! اللہ تعالیٰ تمہیں اپنی خدمات کی بہترین جزا دے اور تمہارے اس خطیب زید ؓبن ثابت کی رائے کو قائم فرماوے۔ اس کے علاوہ کسی رائے پر اکٹھے ہونا ممکن نہیں ۔‘‘اس وقت حضرت ابو بکر ؓ کے دائیں حضرت عمر ؓ اوربائیں حضرت ابو عبیدہ بن الجراح ؓ تھے ۔ جن کے ہاتھ پکڑ کرانہوں نے کہا کہ ان دونوں میں سے جس کی چاہو بیعت کر لو میں اس کے لئے تیار ہوں ۔ حضرت عمر ؓ کہتے ہیں کہ’’ اس آخری فقرہ کے علاوہ جو مجھے ناگوار ہوا حضرت ابوبکرؓ کی باقی تقریر انتہائی اعلیٰ درجہ کی تھی۔ خدا کی قسم ! اگرمجھے اختیار ہوکہ میری گردن کاٹ دی جائے گی یا مجھے ایسے لوگوں کا امیر بنایا جائے گا جس میں حضرت ابو بکر ؓ موجود ہیں تو میں اپنی گردن کٹوا دوں لیکن ایسے لوگوں کا امیر بننا گوارا نہ کروں جن میں حضرت ابو بکرؓ جیسا عظیم الشان انسان موجود ہو ۔‘‘ (29)
اس موقع پر حضرت عمر ؓ نے انصار کے نیک جذبات کو بہت خوبصورت انداز میں ابھارا کہ تمہیں معلوم ہے کہ آنحضرت ؐنے آخری بیماری میں امام کسے مقرر کیا؟تم میں سے کون گوارا کر ے گاکہ انہیں اس مقام سے ہٹائے جس پر خدا کے رسول نے انہیں کھڑا کیااور وہ حضرت ابو بکرؓ سے آگے بڑھ کر امامت کرائے۔ انصار میں خدا ترسی تھی انہوں نے کہا ہم میںسے کوئی بھی ایسا پسند نہیں کرے گا۔ ہم استغفار کرتے اور اس بات سے اللہ تعالیٰ کی پناہ مانگتے ہیں کہ ابو بکرؓ سے آگے بڑھیں ۔(30)
اس پر انصار میں سے حضرت زیدؓ بن ثابت نے حضرت ابوبکرؓ کا ہاتھ پکڑ کر کہا لوگو! یہی تمہارے امام ہیں ان کی بیعت کرو۔’’ حضرت عمرؓ نے بھی حضرت ابوبکرؓ سے عرض کیا آپ ہاتھ بڑھائیں اور ہماری بیعت لیں۔‘‘چنانچہ سب مہاجرین و انصارنے بیعت کی۔ انصار میں حضرت زیدؓ کے علاوہ حضرت بشیر ؓ بن سعد اولین بیعت کرنے والوں میں سے تھے۔(31)
کارنامے اور فتوحات
رسول اللہ ﷺکی وفات کے بعد مسلمانوں پر خوف اور خطرات کے مہیب بادل منڈلانے لگے تھے ۔کئی عرب قبائل نے(مرتد ہوکر)بغاوت کردی اور زکوۃ دینے سے انکار کر دیا۔ حضرت ابوبکرؓ نے مسند خلافت پر بیٹھتے ہی پہلا کام یہ کیا کہ مسلمانوںمیں وحدت قائم ہوجائے۔ دوسرا کام باغیوں اورمنکرین زکوٰۃ کا قلع قمع کیا۔ فرمایا کہ آنحضرت ؐکے زمانہ میں جو اونٹ کی نکیل بھی زکوٰۃ دیتا تھا وہ جب تک میںوصول نہ کرلوں اس سے جنگ کروں گا۔ ‘‘ ( 32) چنانچہ سارا عرب ایک بار پھر زکوٰۃ ادا کرنے لگا۔ مرتدین کے زبردست فتنہ کا انسداد حضرت ابوبکرؓ کا بڑا کارنامہ ہے۔ متعدد نومسلم قبائل نے آنحضرتﷺ کی وفات کے بعد بغاوت و ارتداد کا اعلان کردیا۔ حضرت ابوبکرؓ نے جنگ کرکے ان کا بھی قلع قمع کیا۔ان خطرناک حالات میں رسول اللہ ؐ کے ارشاد کے مطابق اسامہؓ کی سرکردگی میں لشکر بھی روانہ فرمایا اس کے علاوہ جمع قرآن کے عظیم الشان کام کا سہرا بھی آپ کے سر ہے۔(33)ان کارناموں کی تفصیل آگے آرہی ہے
جب خلافت راشدہ کا خدائی وعدہ پورا ہوا تو قیام خلافت کے نتیجہ میں اللہ تعالیٰ نے تمام خوف دور کر دئے ۔خلافت کو بتدریج استحکام نصیب ہوا۔حضرت ابو بکر ؓ نے پہلا نہایت پر حکمت قدم یہ اٹھایا کہ قوم کی شیرازہ بند ی کی۔ اہل بیت جو مشورہ خلافت کے وقت شامل نہ ہوسکے تھے۔ ان کے بارہ میں یہ حقیقت واضح ہونی چاہیئے تھی کہ وہ دل سے خلافت کے وفادار اور مطیع ہیں۔ان میں حضرت علیؓ ، حضرت فاطمہ ؓ ، اورحضرت زبیر ؓقابل ذکر تھے ۔
پہلا خطاب
حضرت ابو بکر ؓ نے مسجد نبوی میں لوگوں کو اکٹھا کیا۔ حضرت علی ؓ اورحضرت زبیر ؓکے بارے میں پوچھا کہ وہ بھی موجود ہیں۔ پھربطور خاص انہیں بلوایا گیا۔حضرت ابو بکرؓ نے نہایت اثر انگیز خطاب کیا۔ آپؐ نے فرمایا:۔
وَاللّٰہِ مَا کُنتُ حَرِیصًا عَلَی الِامَارَۃِ یَومًا وَلَاَ لیلَۃً قَطُّ ۔۔۔الخ کہ ’’خدا کی قسم! مجھے کبھی بھی خلافت کے لئے خواہش یا رغبت پیدانہیں ہوئی۔ نہ ہی کبھی میں نے پوشیدہ یا اعلانیہ اس کا مطالبہ کیا ۔ہاں فتنہ سے ڈرتے ہوئے میں نے اسے قبول کر لیا ہے مگر یہ ایک بہت بڑا بوجھ ہے جس کی مجھے طاقت نہیں پھر بھی میں نے اٹھا لیا ہے۔ اب سوائے اس کے کہ اللہ مجھے طاقت دے مجھ میں تو اس کی ہمت نہیں اور میں تو اب بھی چاہتا ہوں کہ تم میں سے اگر کوئی اور طاقتور اور ہمت والا ہے جو اس بوجھ کو اٹھا سکتا ہے تواٹھالے ۔‘‘
یہ بہت ہی اثر انگیز خطاب تھا جس کے آخر میں آپؓ نے حضرت علی ؓ کو مخاطب کر کے فرمایا ’’اے علی ! داماد رسول ! کیا آپ پسند کرو گے کہ مسلمانوں کی قوت پراگندہ ہو۔پھر حضرت زبیر ؓ سے بھی یہی سوال کیا۔ان دونوں نے کہا’’ ہمارے دل میں صرف اتنی بات تھی کہ جب یہ مشورہ (خلافت)ہوا تو ہمیں اس میں شریک نہیں کیا گیا ورنہ ہماری بھی یہی رائے تھی اورہے کہ حضرت ابوبکر ؓ ہی اس خلافت کے زیادہ اہل اور مستحق ہیںکہ آنحضرتؐ نے انہیں اپنی زندگی میں امام بنایا اور وہ غار حرا میں رسول ؐاللہ کے ساتھی تھے اور قرآن میں انہیں ’’دو میں سے دوسرے‘‘ کہہ کر یاد کیا گیا ہے۔ پھر ان دونوں بزرگان اہل بیت نے اعلانیہ بیعت کی۔(34)یوں اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو وحدت کی لڑی میں پرودیا۔
حضرت علیؓ کے اس موقع پر موجود نہ ہونے کی ایک وجہ رسول اللہ ﷺکی صاحبزادی حضرت فاطمہؓ کی علالت میں ان کی تیمارداری بھی تھی۔ نیزا س عرصہ میں انہوںنے گھر میں رہتے ہوئے جمع قرآن کا اہم کام بھی شروع کر رکھا تھا جس کے باعث سوائے نمازوں کے گھر سے کم نکلتے تھے۔(35)
فتنہ ارتدادو بغاوت و مدعیان نبوت
دیگر خطرات میں سے ایک بڑاخطرہ جو خلافت اولیٰ کے فوراًبعد پیدا ہوا وہ ا رتداد وبغاوت کافتنہ تھا ۔ عرب کے مختلف علاقوں میںکئی بادیہ نشین مرتد ہوکر زکوٰۃ سے منکر ہوگئے ۔ پھر بعض لوگوںنے نبوت کے دعوے کر کے بغاوت کردی۔ یمامہ کے مسیلمہ کذاب نے تو حضور ؐ کی زندگی ہی میں نبوت کا دعویٰ کر دیا تھا ، اس کے بعد ایک عورت ’’سجاح ‘‘نے بھی یہ دعویٰ کرکے علم بغاوت بلند کیا اورمسیلمہ سے شادی رچا کر اتحاد کرلیا۔ کئی اورمدعیان نبوت بھی پیدا ہو گئے ۔انہوں نے بھی مرتدین وغیرہ کو اپنے ساتھ ملاکر بغاوت کردی۔یہ تھا اس وقت کے عرب کا نقشہ کہ ایک طرف مرتدین ہیں،دوسری طرف مدعیان نبوت ،تیسری طرف منکرین زکوٰۃ۔ اور مدینہ محض اسلام کا ایک جزیرہ بن کر رہ گیا ۔ ان حالات میں اسلام کو بچانا، مسلمانوں کی حفاظت کرنا اور خلافت کواستحکام عطا کرنا یہ حضرت ابو بکر ؓ کا ایک عظیم الشان کارنامہ ہے ۔ چنانچہ علامہ ابن خلدون نے اس دور کی طوائف الملوکی کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ’’ رسول اللہؐ کی وفات کے بعد تمام عرب مرتد ہو گیا۔ بعض قبیلے سارے کے سارے اور بعض جزوی حالت میں۔ نبی کریم ؐ کی وفات کے بعد مسلمانوں کی حالت تعداد کی کمی اور دشمن کی کثرت کے باعث بکریوں کے اس ریوڑ جیسی ہوگئی جو برسات کی اندھیری رات میں بغیر چرواہے کے رہ جائے۔ عرب کے خاص وعام مرتد ہو کر طُلیحۃ اسدی مدعی نبوت کے ساتھ مل گئے قبیلہ طے اور اسد اور غطفان بھی مرتد ہو گئے۔‘‘
پھر لکھاہے :۔’’ قبیلہ ہوازن نے زکوٰۃ روک لی۔ قبیلہ بنو سلیم کے خواص نے ارتداد کا اعلان کر دیا اور قریباً ہر جگہ سب لوگوں نے یہی کیا۔ ہذیل ،بنو تغلب اور دیگر کئی قبائل نے سجاح کی پیروی کی اور ان تمام گروہوں نے مل کر مدینہ پر حملہ کا ارادہ کیا۔‘‘ (36)
ابن اثیر نے لکھا ہے’’ رسول اللہ ﷺکی وفات کی خبر جب مکہ پہنچی تو وہاں کا حاکم عتاّب کے مارے چھپ گیا اور مکہ لرز اٹھا۔قریب تھا کہ سارے کا سارا شہرمرتد ہو جاتا‘‘(37) باقی علاقے جہاں یہودی اور نصرانی تھے۔ ان کو الگ کُھل کھیلنے کا ایک موقع مل گیا۔
حضرت عبداللہؓ بن مسعود اس صورتحال کا نقشہ یوں بیان کرتے تھے کہ’’ رسول اللہ ﷺکی وفات کے بعد ہماری حالت ایسی ہوگئی’’ کِدنَا اَن نَّھلِکَ لَو لَااَن مَنَّ اللّٰہُ عَلَینَا بِاَبِی بکرٍ کہ قریب تھا ہم تباہ و برباد ہو جاتے اگر اللہ تعالیٰ حضرت ابو بکر ؓ کے ذریعہ ہم پر احسان نہ فرماتا‘‘
عین اس وقت جبکہ مرکزاسلام معاندین اور دشمنوں کے اندر گھرا ہواتھا لشکر اسامہؓ کی روانگی کا ایک اور بہت بڑا امتحان درپیش آیا۔ آنحضور ﷺ نے اپنی زندگی میں شامی سرحد سے فوج کشی کے خطرہ سے بچنے کیلئے ایک لشکر حضرت اسامہؓ کی سرکردگی میں تیار کیا تھا۔ جس میں حضرت عمر ؓاور دیگر بزرگ صحابہ بھی شامل تھے۔ صحابہ نے عرض کیا ’’اے امیر المومنین! اس وقت تمام عرب پراگندہ ہے ، کئی قبائل مرتد ہو گئے ، نبوت کے دعویدار وں کے ساتھ مل کر مدینہ پر حملہ کی تیاریاں ہو رہی ہیں۔ خدارا! کچھ عرصہ کے لئے آپ اسامہؓ کے لشکر کو روک لیں۔ پہلے ان قریبی دشمنوں کا مقابلہ کریں۔ شامی سرحد تو دور ہے وہاں بعد میں لشکر بھجوایا جا سکتاہے‘‘خدا تعالیٰ اپنے خلفاء کو کیا عجیب عظمتِ شان اورعزم و استقامت عطا کرتا ہے ۔ وہی ابو بکرؓ جن کے بارہ میں کل تک کہا جارہاتھا کہ ان کو نماز پڑھانے کیلئے نہ کہا جائے کہیں رقّت سے رو نہ پڑیں ۔ آج حضرت عمرؓ جیسا دل گردے والاانسان بھی ان سے آکر عرض کرتا ہے : ’’یا حضرت ! اسامہ کے لشکر کو روک لیں ۔ ‘‘ مگر خدا کا وہ کوہ وقار خلیفہ شیر کی طرح گرجتے ہوئے فرماتا ہے ۔وَالَّذِی نَفسِی بِیَدِہٖ لَو ظَنَنتُ اَنَّ السِّبَاعَ تَخطُفُنِی لَاُنَفِّرَ جَیشَ اُسَامَۃَ کَمَا اَمَرَ رَسُولُ اللّٰہِ ۔ (38)
’’خدا کی قسم! اگر مجھے یقین ہوکہ درندے مدینہ میں آکر میرا جسم نوچ لیں گے۔ تب بھی میں اسامہؓ کے اس لشکرکو ضرور روانہ کروں گا،جسے بھجوانے کیلئے خدا کے رسول محمد مصطفی ﷺنے ارشاد فرمایا تھا۔حضرت ابو بکرؓ نے اس لشکر کو خود شہر کے باہر جاکر روانہ فرمایا۔
پھر حضرت ابو بکر ؓ مرتدین کی شورش کی طرف متوجہ ہوئے۔پہلے تمام عرب کے مرتدین کے نام آپ نے خطوط لکھے ۔جن میں اطاعت قبول کرنے والوں سے صلح اور باغیوں سے جنگ کا اعلان تھا۔ آپؓ نے ہدایت فرمائی کہ ’’ہر مجمع میں میر ا یہ خط پڑھ کر سنایا جائے۔‘‘
مدینہ کی حفاظت
11ھ میں یہ حالات پید اہو گئے کہ مدینہ کو گردونواح کے قبائل سے سخت حملہ کا خطرہ ہوا۔ لشکر اسامہؓ کی روانگی کے بعد مدینہ میں لڑنے والوں کی تعداد بہت کم رہ گئی تھی اور مرکز اسلام کی حفاظت کا اہم مسئلہ درپیش تھا۔ حضرت ابو بکر ؓ نے مدینہ کے ناکوں پر حضرت علی ؓ ، زبیرؓ طلحہؓ ، عبداللہ بن مسعود ؓ کو مقرر کیا اور اہل مدینہ کو مسجد نبوی میں اکٹھا کر کے تقریر کی اورمدینہ پر حملہ کی صورت میں ہنگامی تیاری کا حکم دیتے ہوئے فرمایا ’’یوں سمجھو دشمن صرف ایک دن کے فاصلے پر ہے۔‘‘
اس خطاب کے تیسرے ہی دن مرتدین نے مدینہ پر حملہ کر دیا ۔ حضرت ابو بکرؓ کو اطلاع ہوئی توخود مدینہ میں موجود نفری کو لے کر اونٹوں پر سوار ہو کر نکلے۔ وقتی طور پریہ جوابی کاروائی دیکھ کر دشمن منتشر ہو گئے۔پھر واپس جا کر ذو القصہ مقام پر یہ لوگ اکٹھے ہوئے۔ حضرت ابو بکر ؓ مٹھی بھر لوگوں کے ساتھ خود ان کے تعاقب میں نکلے ۔صحابہ نے عرض کیا’’ امیر المومنین! آ پ مدینہ میں ٹھہریں آپ کو کوئی گزند پہنچی تو سارا نظام درہم برہم ہوگا ہم حاضر ہیں۔‘‘حضرت ابو بکرؓ نے کما ل جرأت اور حوصلہ سے فرمایا ’’میں خود اس فتنہ کو ختم کرنے میں تمہارے ساتھ شریک ہونگا۔‘‘اس طرح مدینہ کے گردو نواح میں جس قدر فتنے تھے آپ نے خود ان کوفرو کیا ۔
عرب کے دور دراز کے علاقوں میں الگ بغاوت ہو چکی تھی۔ اہل یمن نے مسلمان عاملوں کو واضح خط لکھے کہ تم ہمارے ملک میں گھس آئے ہو۔ اسے خالی کر دو اور جس قدر اموال وغیرہ لئے ہیں وہ ہمارے حوالے کر و ۔ یمامہ میں مسیلمہ کذاب مدعی نبوت کا راج تھا۔ جو دوسری دعویدار نبوت سجاح سے شادی کے بعدحق مہرمیں کئی نمازیں معاف کرکے شراب اور زنا کو حلال قرار دیتا اور زکوٰۃ سے روکتا تھا۔ وہ سجاح کے لشکر کے ساتھ مل کرمقابلہ کیلئے تیار تھا۔ایک اورمدعی نبوت طلیحہ بن خویلد بنی اسدمیںتھا۔یہ تمام دعویدار اپنے اپنے لشکروں کے ساتھ مدینہ پر حملہ کرنے کیلئے تیارتھے۔ دیگر مرتدین ان کے علاوہ تھے۔ اس موقع پر صحابہ کے مابین بعض مرتدین کے ساتھ جہاد میں اختلاف رائے پیدا ہو اکیونکہ ان میں ایک طبقہ صرف زکوٰۃ سے انکار کر رہا تھا۔ حضرت عمرؓ کی رائے تھی کہ آنحضور ﷺنے فرمایا ہے ’’جو لا الٰہ الا اللہ کہتا ہے اس سے جنگ نہیں کرنی‘‘ اور یہ لوگ صرف زکوٰۃ کے انکاری ہیں۔ ان سے ہم کیوں جنگ کریں۔ اس پرحضرت ابوبکر ؓ نے کمال عزم سے فرمایا ۔
وَاللّٰہِ لَو مَنَعُونِی عِقَالًا کَانُواُ یَؤدُّوَنہٗ اِلٰی رَسُولِ اللّٰہ لَقَاتَلتُھُم عَلَیہِ
اگر رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں یہ لوگ ایک اونٹنی کا بچہ یا ایک نکیل بھی زکوٰۃ دیتے تھے تو میں ان سے اس کے لئے لڑوں گااوررسول اللہ ﷺکی جانشینی میں وہی کروں گا جو وہ کرتے تھے ۔ حضرت عمرؓ کہتے ہیں کہ بعد میں مجھے بھی شرح صدر ہو گئی کہ حضرت ابو بکر ؓ کا یہ فیصلہ بہت ہی درست تھا اور قرآن کریم میں بھی ان برحق خلفاء کی یہی تعریف ہے۔
اَلَّذِینَ اِن مَّکَّنّٰھُم فِی الاَرضِ اَقَا مُو االصَّلٰو ۃَ وَاٰ تَوُ االزَّکٰوۃَ(الحج 42)
کہ’’ اگر ہم ان کو زمین میں طاقت دیں تو یہ نماز قائم کریں گے اور زکوٰۃ کا اہتمام کریں گے۔‘‘ حضرت ابو بکر ؓ نے ان باغیوں کے مقابلہ کے لئے گیارہ مہمّاتی دستے تیار کئے اور اطراف مدینہ میں ان کو روانہ کیا۔ (39)
یمامہ کی طرف آپ نے حضرت خالدؓ بن ولید کے ساتھ اور حضرت ثابتؓ بن قیس کی معاونت میں لشکر بھجوایا۔جہاں بڑی شدید جنگ ہوئی اور پانچ صدصحابہ شہید ہو گئے جو قرآن شریف کے حفاظ تھے۔تاہم اللہ تعالیٰ نے فضل فرمایا کہ مسیلمہ کذاب کے فتنہ سے مسلمانوں کو نجات ملی اوروہ ہلاک ہوا۔
جمع قرآن
حضرت ابو بکرؓکے دور کا ایک اور کارنامہ حفاظت قرآن ہے۔جب جنگ یمامہ میں پانچ صد حفاظ شہید ہو گئے اور یہ خطرہ پیدا ہو ا کہ قرآن شریف کی حفاظت کا کیا بنے گا۔ یہ ایک بہت اہم اور نازک امر تھاجس پر دین کی بنیاد تھی۔ چنانچہ خلیفہ وقت حضرت ابو بکرؓ نے اس کام کیلئے کاتب وحی حضرت زیدؓ بن ثابت کو مقرر کیا۔جنہوں نے قرآن شریف کوجو متفرق اجزاء کی شکل میں تھا،مختلف صحابہ سے اس کی تحریری شہادتیں اکٹھی کرکے اسے ایک نسخہ میں جمع کروانے کا اہتمام کیا۔پس حضرت ابو بکرؓ کے دور میں محض خطرناک فتنے ہی فرو نہیں ہوئے۔ بلکہ جمع قرآن جیسے عظیم الشان کام بھی ہوئے۔( 40)
وراثت رسولؐ کافیصلہ
حضرت ابوبکرؓ کا ایک زبردست کارنامہ وراثت رسولؐ کا فیصلہ تھا۔ یہ ایک بہت نازک مرحلہ تھا جب اہل بیت کی طرف سے رسول اللہ ﷺکے ورثہ کا سوال اٹھایا گیا۔ ایک طرف اہل بیت رسولؐ سے محبت اور جذباتی تعلق دوسری طرف منصب خلافت کی ذمہ داری سے قومی اموال کی تقسیم میں عدل کا تقاضا۔ حضرت ابوبکرؓ نے رسول اللہؓ کے اس ارشاد کی روشنی میں کہ ’’ہمارا ورثہ نہیں چلے گا اور ہمارا ترکہ صدقہ ہے۔‘‘ نہایت درجہ انصاف کے ساتھ یہ تاریخی فیصلہ کیا کہ’’ ان اموال میں سے اہل بیت فائدہ اٹھائیں گے۔ جس طرح نبی کریم ﷺ کی زندگی میں استفادہ کرتے تھے مگر یہ جائیداد بطور ورثہ تقسیم نہ ہوگی۔‘‘ حضرت ابوبکرؓ نے حضرت فاطمہؓ سے تسلی دلاتے ہوئے فرمایا: ’’رسول اللہﷺ کی قرابت مجھے اپنی قرابتوں اور رشتہ داریوں سے بھی کہیں زیادہ عزیز ہے۔ لیکن میں ان اموال میں کوئی کوتاہی نہ کروںگا نہ کسی خلاف عدل فیصلہ کا مرتکب ہوں گا۔ بلکہ جیسے رسول اللہﷺان اموال میں تصرف فرماتے تھے وہی کروں گا۔‘‘ چنانچہ حضرت فاطمہؓ اس پر راضی ہوگئیں۔(41) الغرض نبی کریمؐ کی وراثت کا مسئلہ بھی حضرت ابوبکرؓ نے ہمیشہ کیلئے حل کردیا۔جسے بعد حضرت علیؓ نے بھی قائم رکھا۔ اس کے ساتھ ہی حضرت ابو بکرؓ کے مختصر سے دور میں فتوحات کا ایک عظیم سلسلہ شروع ہو گیا ۔
فتوحات کے اعتبار سے آپ کا زمانہ خلافت وہ مقدس دور ہے جس میں بعد میں بننے والی مستقل اسلامی حکومت کی داغ بیل پڑی۔ چنانچہ آپ کے مبارک دور میں ہی حضرت خالدؓ بن ولید(سیف اللہ) اور ان کے ساتھیوں کے ہاتھوں عراق ایران اور شام فتح ہوئے۔
فتوحات ایران
آنحضورﷺ کے زمانہ سے ہی ایران سے کشمکش شروع ہوگئی تھی ۔ جب کسریٰ شاہ ایران نے رسول اللہ ﷺکا تبلیغی مراسلہ پھاڑ دیا اورکہامیرا غلام ہوکر مجھے ایسے خط لکھتا ہے۔ رسول اللہ ؐنے فرمایا ’’خدا اس کی سلطنت کو ٹکڑے ٹکڑے کر دے ۔‘‘پھر کسریٰ نے یہودیوں کی سازش سے نبی کریمؐ کی گرفتاری کے احکام بھی جاری کئے تھے ۔اب خود اس کی حکومت کے ٹکڑے ہونے کا عمل شروع ہو چکا تھا ، کسریٰ کو اس کے بیٹے نے قتل کر دیا ،وہ چھ ماہ حاکم رہا پھر اس کی بیٹی پوران دخت حاکم بنی۔ رسول اللہ ؐ نے فرمایا تھا کہ ’’یہ قوم کیسے کامیاب ہو گی جس نے ایک عورت کو حاکم بنالیا ہے ۔‘‘(42)
عراق کا علاقہ ایرانیوں کا باجگذار تھا اور ایرانی ان عربقبائل پر حکومت کرتے تھے ۔ ایرانیوںکی کمزوری کے بعدان علاقوں میں طوائف الملوکی کا سلسلہ شروع ہوگیاجس پر وہ قابو پانے کی کوشش میں تھے۔ عراق کے ایک سردار مثنی بن حارثہ جو مسلمان ہو چکے تھے اور ایرانیوں کا تختہ مشق رہ چکے تھے۔ انہوں نے حضرت ابو بکر ؓ سے مدد مانگی تا ایرانیوں کے حملے سے بچا جاسکے ۔ چنانچہ خالدؓبن ولید کوان کی مدد کیلئے بھیجا گیا اور یوں فتوحات ایران کا سلسلہ شروع ہوا ۔ کہاں رسول ؐاللہ کی وفات پر مسلمانوں کی جان پر بن آئی تھی کہ اسلام اور مدینہ کا کیا بنے گا ؟ اور کہاں خلافت کی برکت سے دنیا کی دو بڑی حکومتوں کے ساتھ ٹکر کے بعد اسلام کی فتح کے سامان ہونے لگے۔ حضرت ابو بکر ؓ کے دور خلافت میں ان دونوں بڑے محاذوں پر کام شروع ہو گیا ۔ ایران میں حضرت خالدؓ نے پہلے حیرہ فتح کیا۔ پھرجنگ ذات السلاسل ہوئی جس میں ایرانی جرنیل ہر مز کو شکست فاش ہوئی اور اس کی وہ قیمتی ٹوپی مال غنیمت میں آئی جس کی مالیت ایک لاکھ درہم تھی۔ حضرت ابو بکر ؓ نے اعزاز کے طور پر وہ ٹوپی حضرت خالدؓ کو دے دی۔اس کے علاوہ بہت زیادہ مال غنیمت ہاتھ آیا۔ پھر جنگ مزار ہوئی۔ یہاںجو مال غنیمت ہاتھ آیا اس میں ہاتھی بھی شامل تھا جسے مدینہ بھجوایا گیا۔ مدینے کے لوگ بڑے تعجب سے اسے دیکھتے تھے کیونکہ انہوں نے پہلی دفعہ ہاتھی دیکھا تھا ۔پھر جنگ ولجہ ہوئی جس میںتیس ہزار ایرانی قتل یا غرق دریاہوئے ۔
پھر جنگ اُلیس ہوئی ۔جس میں نصرانیوں کا ایرانیوں کے ساتھ اتحاد تھا اور سب مل کر اسلام کے مٹانے کے لئے مسلمانوں پر حملہ آور تھے ۔اس میںستر ہزار ایرانی اور نصرانی کام آئے۔ مسلمانوں نے پہلی دفعہ وہاں سفید آٹے کی روٹیاں حیرانی سے دیکھیں کہ یہ’’ سفید کپڑوں کے ٹکڑے ہیں ۔‘‘ پھر امغیشیا کی فتح ہوئی جہاں سے اتنا مال غنیمت ملا کہ اس سے پہلے کبھی نہیں ملا تھا۔ حضرت ابو بکر ؓ نے اس وقت فرمایا کہ ’’اے قریش ! تمہارے شیر نے ایک شیر پر حملہ کر کے اسے مغلوب کر دیا اور عورتیں خالدؓ جیسا بہادر پیدا نہیں کر سکتیں ۔ ‘‘اس کے بعد عین التمر فتح ہوا ، جنگ دومۃ الجندل ہوئی ۔ جنگ فراض ہوئی ۔ جہاں رومیوں اور ایرانیوں کی متحدہ فوج تھی۔ ایک لاکھ آدمی اس میں مارے گئے تھے ۔ الغرض ایران اور عراق کے محاذ پر یہ کامیابیاں ہوئیں۔(43)
فتوحات شام
دوسری طرف حضور ﷺکے آخری ایام میں رومیوں سے کشمکش کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا تھا۔ آنحضورﷺ خود اپنی زندگی میں رومی سرحد پرغزوہ تبوک کیلئے گئے تھے ۔پھر اسامہؓ کا لشکر رومی سرحدوں پر بھیجا گیاتھاجہاں آپؐ کے قاصد حارث بن عمیر کو بُصریٰ کے حاکم نے قتل کروا دیا تھا اور جنگ مُوتہ ہوئی تھی ۔شامی سرحد پر خطرے سے نمٹنے کیلئے حضرت ابو بکر ؓ نے بعض اسلامی جرنیلوں کو مقرر کیا۔ ایک طرف دنیاکی بہت بڑی طاقت ایران سے جنگ جاری ہے توادھر دوسری بڑی طاقت شام سے جنگ چھڑ رہی ہے۔ حضرت ابو بکر ؓ کے ارشادپرحضرت خالدؓنے مختلف محاذوں کے امراء کی افواج اکٹھی کر کے جنگ یرموک میں دشمن کامقابلہ کیا۔جہاں دو لاکھ سے زیادہ ایرانی فوج جمع تھی اور مسلمان کل ملاکر بھی پینتالیس ہزارتھے۔ بڑے کانٹے دار مقابلہ کے بعدمسلمانوں کوفتح ہوئی ۔ اس دوران ہی حضرت ابو بکر ؓ کی وفات ہوگئی۔(44)
الغرض حضرت ابو بکرؓ کی خلافت کو اللہ تعالیٰ نے ایک عظیم الشان استحکام عطاء کیا ۔جس کا آغاز حالت خوف سے ہواتھا۔ اللہ تعالیٰ نے قیام امن اور تمکنت دین کے وعدے پورے کرکے اڑھائی سالہ مختصر دور میں کتنی عظیم الشان فتوحات انہیںعطاکیں ۔
حضرت علی ؓ نے ایک دفعہ حضرت عمر ؓ کے سامنے اس حقیقت کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’اس دین کو فتح کبھی کثرت لشکر سے نہیں ہوئی اور نہ قلت لشکر سے شکست ہوئی بلکہ یہ اللہ کا دین ہے جسے اس نے خود غالب کیا اور یہ اسی کا لشکر ہے جسے اس نے عزت و قوت دی اور یہ دین وہاں پہنچا جہاں پہنچنا تھا ۔ خدا کا یہ وعدہ تھا پھر انہوں نے سورئہ نورکی آیت استخلاف( نمبر56)پڑھی کہ’’ اللہ نے مومنوں اور عمل صالح کرنے والوں سے وعدہ کیا تھا کہ ان کو خلیفہ بنائے گا اور ان کو تمکنت عطا کرے گا اور اللہ تعالیٰ خوفوں کو امن میں بدل دے گا۔‘‘ (45)حضور ﷺکے مسلمانوں سے فتوحات کے جو وعدے تھے ان کا حضرت ابو بکرؓ کے دور میں پوراہونا بھی آپ کے استحکام خلافت کی ایک عظیم الشان دلیل ہے ۔
وفات
آنحضرتﷺ نے خواب میں دیکھا تھا کہ حضرت ابوبکر ؓآپ سے اڑھائی قدم آگے بڑھ گئے ہیں۔ چنانچہ رسول اللہﷺ کی وفات کے ٹھیک اڑھائی سال بعد وہ اپنے آقا سے جاملے۔ روایت ہے کہ کھانے میں زہرکے نتیجہ میں ایک سال بیمار رہ کرآپ کی وفات ہوئی۔
دوسری روایت میںآخری بیماری کا ایک فوری سبب یہ بھی درج ہے کہ سردی میں ٹھنڈے پانی کے غسل سے بخار ہوا جس کے دو ہفتے بعد آپ کی وفات ہوئی۔وفات کے دن پوچھا آج کونسا دن ہے؟ پیر کا دن تھا۔ فرمایا رسول کریمﷺ نے کب وفات پائی تھی۔ بتایا گیا ’’پیر‘‘ کو چنانچہ آپ بھی پیر کے روز ہی فوت ہوئے۔(46)آپ کی عمر رسول کریمﷺکی عمر کے مطابق 63برس ہوئی۔
فضائل و خصائل
نبی کریمﷺ نے حضرت ابوبکرؓ کو جنت کے سرداروںمیں سے قرار دیا۔ جیسا کہ ایمان لانے والوں میں آپ سب سے اوّل ٹھہرے۔ نبی کریمﷺنے انہیں یہ مژدہ بھی سنایا کہ وہ آپ کی امت میں سے سب سے پہلے جنت میں داخل ہوں گے۔(47)
حضرت ابوبکرؓ نے سفر ہجرت میں جان کو خطرے میں ڈال کر آنحضورؐ کا ساتھ دیا۔ قرآن شریف میں انہیں ’’ثانی اثنین‘‘ کا خطاب دیکر اللہ تعالیٰ کی طرف سے معّیت کی نوید سنائی گئی ہے۔ یہ تاریخی معیت خدا کے حضور ایسی مقبول ٹھہری کہ آپ سعادت دارین اور نبی کریمؐکی دائمی معیت کے وارث بن گئے۔ آنحضرت ؐ نے فرمایا کہ’’ روز قیامت ابوبکرؓ کا حشر بھی میرے پہلو سے ہوگا۔‘‘(48)
نبی کریمﷺ نے حضرت ابوبکرؓ کے بلند روحانی مقام کا تذکرہ کرتے ہوئے فرمایا کہ’’ ابوبکرؓ اس امت کے بہترین اور افضل فرد ہیں سوائے اس کے کہ کوئی نبی پیدا ہو۔‘‘(49)
حضرت بانی جماعت احمدیہ نے حضرت ابو بکرؓ کا مقام بیان کرتے ہوئے فرمایا:۔
’’حضرت ابو بکر صدیق ؓ کا مل عارف ، اخلاق کے حلیم اور فطرت کے رحیم تھے۔ آپ نے انکساری اور تنہائی کا چولہ زیب تن کیا اور زندگی بسر کی ۔ آپ بہت عفو، شفقت اور رحمت کرنے والے تھے اور اپنی پیشانی کے نور سے پہچانے جاتے تھے ۔ محمد مصطفی ﷺسے تعلق بہت مضبوط تھا۔ آپ کی روح خیر الوریٰ کی روح سے ملی ہوئی تھی اور اس نور سے ڈھکی ہوئی تھی جس نور نے آپ کے پیشوا اور خدا تعالیٰ کے محبوب کو ڈھانپ رکھا تھا ۔ آپ آنحضور ﷺ کے نور اور آپ کے عظیم فیوض میں نہاں تھے اورآپ فہم قرآن اور سید الرسل ؐو فخر بنی نوع انسان کی محبت میں سب لوگوں پر فوقیت لے گئے تھے۔ جب آپ پر اخروی زندگی کا مضمون اور دیگر سر بستہ راز کھلے تو آپ نے تمام دنیوی تعلقات کو خیرباد کہہ دیا ۔ جسمانی رشتوں سے الگ ہو گئے اور محبوب کے رنگ میں رنگین ہو گئے ۔ آپ نے خدائے یگانہ کی خاطر جو زندگی کا مقصد حقیقی ہے اپنی ہر چاہت کو چھوڑ دیا ۔ آپ کی روح نفسانی آلائشوں سے ہر طرح مبرّا، ذاتِ حق کے رنگ میں رنگین اور رضائے رب العالمین میں محو ہو گئی ۔ جب سچی محبت الٰہی آپ کے نس نس میں ، آپ کے دل کی گہرائی اور روح کے ذرے ذرے میں گھر کر گئی اور اس محبت کے انوار اور آپ کے اقوال و افعال اور نشست و برخاست میں ظاہر ہوئے تو آپ کو صدیق کا خطاب ملا اور جناب خیرالواھبین کے دربار سے گہرا اور تازہ بتازہ علم عطا ہوا۔ چنانچہ سچ آپ کی ذات میں راسخ ملکہ اور فطرت اور عادت ہو گیا جس کے انوار آپ کی شخصیت کے ہر قول و فعل، ہر حرکت و سکون اور حواس و انفاس سے ظاہر ہوئے اور آپ کو آسمانوں اور زمین کے رب کی طرف سے منعم علیہم لوگوں میں شامل کیا گیا ۔ آپ کتاب نبوت کے کامل پرتو تھے اور اہل جودوسخا کے امام تھے اورآپ کا خمیر انبیاء کی بقیہ مٹی سے اٹھایا گیا تھا۔ ‘‘(50)
اخلاق وسیرت
حضرت ابوبکرؓ نہایت متواضع، منکسرالمزاج اور کم گو انسان تھے۔ آپ کی بہت کم روایات احادیث کی کتب میں آئی ہیں، تاہم جتنی روایات ہیں ان سے آپ کے اعلیٰ کردار اور پاکیزہ سیرت پر خوب روشنی پڑتی ہے۔ طبعاً کم گو ہونے اور ادب رسولؐ کے تقاضہ کے پیش نظر آپ شاذہی نبی کریمؐ سے کوئی سوال کرتے تھے۔ مگر جو سوال آپ نے کئے وہ بھی آپ کے بلند علمی مقام اور اعلیٰ سیرت وکردار کو ظاہر کرتے ہیں۔
توحید کا عرفان
حضرت ابوبکرؓ توحید کامل پر بڑی شان سے قائم تھے۔ ایک دفعہ حضرت عثمان ؓنے کہا ’’کاش! میںنے نبی کریمﷺسے یہ مشکل سوال دریافت کرلیا ہوتا کہ شیطانی وساوس کا کیا علاج ہے۔‘‘ حضرت ابوبکرؓ نے فرمایا’’ میں نے نبی کریمؐسے یہ سوال پوچھا تھا اور آپؐ نے فرمایا تھا کہ کلمہ توحید پڑھ کر اس پر قائم ہوجانا ہی ایسے وساوس کا علاج ہے۔‘‘(51)
ایک اور موقع پر فرمایا کہ میں نے نبی کریمﷺسے سنا ہے ’’تمہیں کلمہ اخلاص(یعنی شہادت توحید) اور ایمان باللہ سے بڑھ کر کوئی چیز عطا نہیں کی گئی۔‘‘(52)
چنانچہ توحید کی عظیم الشان صداقت پر کامل یقین و ایمان کے باعث ہی آپؓ صدیق کہلائے۔ اور اس وصف کو نبیوں کے دل کی طرح پاک وصاف کردیا تھا اور دراصل یہی چیز منبع اور سرچشمہ ہے آپ کے تمام اخلاق عالیہ کا جن میں تعلق باللہ، خشیتّ، تواضع، صدق ،شجاعت انفاق فی سبیل اللہ اورخدمت خلق وغیرہ شامل ہیں۔
عبادت اور اخلاق فاضلہ کا حسین امتزاج
انسان کے تعلق باللہ کا سب سے بڑا معیار اس کی عبادات اور دعائیں ہیں۔ اپنے گھر میں چھوٹی سی مسجد بنا کر حضرت ابوبکرؓ کے قرآن پڑھنے اور عبادت کرنے کا ذکر گزر چکا ہے۔ بآواز بلند تلاوت کلام پاک کے جرم میں ہی آپ کو ہجرت پر مجبور کیا گیا۔قارہ قبیلہ کے رئیس ابن الدغنہ آپ کو یہ کہہ کر واپس لائے کہ ’’آپ جیسے بااخلاق آدمی کو ہمارے شہر سے کیسے نکالا جاسکتا ہے جو صلہ رحمی کرنے والے دوسروں کے بوجھ اٹھانے والے، مہمان نواز اور مصائب میں مدد کرنے والے ہیں۔‘‘ سیرت صدیقی پر یہ شاندار گواہی دے کر ابن الدغنہ آپ کو اپنی امان میں مکہ میں دوبارہ واپس لایا تھا۔ عجیب توارد ہے کہ ابن الدغنہ کے بیان کردہ اوصاف ابوبکرؓ وہی ہیں جو حضرت خدیجہؓ نے رسول کریمﷺ کے لئے پہلی وحی کے موقع پر بیان فرمائے تھے۔ (53)
حضرت ابوبکرؓ کو دعائوں سے بھی خاص رغبت اور شغف تھا اور اپنے اعلیٰ ذوق کے مطابق اس تلاش میں رہتے تھے کہ اپنے مولیٰ سے کیا مانگیں اور کیسے مانگیں اور بارہا نبی کریمﷺ سے اپنے اس ذوق کی تسکین کے لئے پوچھا۔ ایک دفعہ عرض کیا کہ مجھے اپنی نماز میں پڑھنے کے لئے کوئی عمدہ سی دعا بتادیں۔ آنحضور ﷺنے یہ دعا سکھائی:
اَللّٰھُمَّ اِنِّی ظَلَمتُ نَفسِی ظُلماً کَثِیراً فَاغفِرلِی مَغفِرَۃً مِن عِندِکَ وَارحَمنِی اِنَّکَ اَنتَ الَغفُورُ الرَّحِیمُ(54)
کہ اے اللہ میں نے اپنی جان پر بہت زیادہ ظلم کیاپس مجھے بخش دے۔ خاص اپنے پاس سے مغفرت عطاء کر اور مجھ پر رحم کر یقینا تو بہت بخشنے والا اور مہربان ہے۔
ایک اور موقع پر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کو یہ دعاسکھائی:
اَلّٰلھُمَّ اِنِّی اَسئَلُکَ الَعفوَوَالعَافِیَۃَ فِی الدُّنیَا وَ الٓاخِرَۃِ(55)
کہ اے اللہ میں تجھ سے دنیا و آخرت میںمعافی اور حفاظت کا طلب گار ہوں۔
یہی وجہ تھی کہ حضرت ابوبکرؓ اس دعا کی طرف خاص توجہ دلاتے اور فرماتے کہ ایمان کے بعد عافیت کی دعا سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں یعنی ایمان کی سلامتی مانگنی چاہیے۔(56)
خشیّت
حضرت ابوبکرؓکی خشیّت کا یہ عالم تھا کہ جب 9ہجری میں رسول اللہﷺ نے آپ کو مسلمانوں کا امیر الحج مقرر کر کے روانہ فرمایا اس کے بعد سورۃ توبہ نازل ہوئی تو نبی کریمؐنے حضرت علیـ ؓکو اس کی متعلقہ آیات کا اعلان حج کے موقع پر کرنے کی ہدایت فرمائی۔حضرت ابوبکرؓ کو عجیب دھڑکا سا لگا کہ نامعلوم مجھ سے کیا کوتاہی ہوئی جو اس خدمت کے لائق نہیں سمجھا گیا۔چنانچہ جب آپ نبی کر یم ؐ کی خدمت حاضر ہوئے تو بے اختیار ہو کر رو پڑے اور عرض کیا کہ یا رسول اللہﷺ!کیا مجھ سے کوئی ناروا بات سرزد ہوئی ہے؟آنحضرتﷺنے فرمایا ’’اے ابوبکرؓـ!تجھ سے تو خیروبھلائی کے سوا کچھ ظاہر نہیں ہوا مگر سورۃ توبہ کی ان آیات کے لئے مجھے یہی حکم الٰہی تھا کہ میں خود یا مجھ سے خونی رشتہ رکھنے والا قریب ترین عزیز اس کا اعلان کرے۔‘‘ تب حضرت ابوبکرؓکی تسلی ہوئی ۔ ( 57)
آپ کی خشیّت الٰہی اور انکسار کی شان کا اندازہ اس واقعہ سے بھی خوب ہوتا ہے جب ایک دفعہ آپ کی حضرت عمرؓ کے ساتھ تکرار ہو گئی۔حضرت ابو بکرؓ نبی کریم ﷺکی خدمت میں حاضر ہوئے اور پورا واقعہ عرض کر کے بتایا کہ اس کے بعد مجھے ندامت ہوئی اور میں عمرؓ کے پاس حاضر ہو گیاتو انہوں نے معاف کرنے سے انکار کر دیا ۔ میں حضورﷺکی خدمت میںحاضر ہو گیا آپؐ نے فرمایا اللہ آپ کو معاف کرے۔ادھر حضرت عمرؓ کو بھی بعد میں احساس ندامت ہوا اور حضرت ابوبکرؓکے گھر آئے اور انہیں موجود نہ پا کر آنحضرت ﷺکی خدمت میں حاضر ہوئے۔ حضورؐکا چہرہ ناراضگی سے سرخ ہو گیا۔ یہ دیکھ کر حضرت ابوبکرؓگھٹنوں کے بل بیٹھ کر بار بار عرض کرنے لگے یا رسول اللہﷺ! غلطی میری تھی(آپ ؐ عمرؓکو معاف کر دیں)۔ نبی کریمﷺنے حضرت عمرؓ سے فرمایا ’’ دیکھو جب تم لوگوں نے میرا انکار کیا تھا اس وقت ابو بکرؓ نے میری تصدیق کی اور جان ومال نچھاور کر دئیے۔ کیا تم میرے ساتھی کو میرے لئے چھوڑو گے کہ نہیں؟‘‘(58)
فہم اور علمی بصیرت
حضرت ابوبکرؓکوقرآن شریف کا خاص فہم عطا ہوا تھا۔بعض لوگوں نے سورۃ مائدہ کی آیت 6 سے(جس میں ذکر ہے کہ اے لوگو!تم اپنے ذمہ دار ہو کسی کی گمراہی تمہیں نقصان نہیںدے گی)یہ استدلال کیا کہ برائیوں کا قلع قمع ہماری ذمہ داری نہیں کیونکہ ہر فردکو اپنی ذاتی اصلاح کاحکم ہے ۔ حضرت ابوبکرؓ نے اس خیال کی سختی سے تردید کی اور فرمایا کہیہ اس آیت کا درست مطلب نہیں۔ (کیونکہ آیت میں واحد کے بجائے جمع کے صیغے میں اصلاح معاشرہ کی قومی ذمہ داری کی طرف توجہ دلائی گئی ہے)اور نبی کریمﷺنے فرمایا ہے کہ ’’جو لوگ برائی کو دیکھ کر اس کا ازالہ نہیں کرتے تو اس کی سزا سارے معاشرہ کو دی جاتی ہے۔‘‘(59)اس لئے امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کے فریضہ پر کماحقہــ توجہ دینی چاہئے۔
حضرت ابوبکرؓ نبی کریم ﷺکے ارشادات کی بنیاد قرآنی آیات میں تلاش کرتے اور انکو افادہ عام کیلئے بیان فرماتے۔حضرت علیؓ سے روایت ہیکہ رسول اللہ ﷺکی ہر بات سن کر ہمیشہ میں نے بہت ہی فائدہ اٹھایا ہے ۔ حضرت ابوبکرؓنے مجھے ایک حدیث سنائی اور آپؐ نے سچ فرمایا کہ ’’کوئی مسلمان جب کوئی گناہ کر بیٹھے پھر وضو کر کے دور کعت نماز پڑھے اور اللہ سے اس گناہ کی معافی مانگے تو اسے بخش دیا جاتا ہے۔‘‘یہ حدیث سنا کر بطور دلیل وہ دو آیات پیش کرتے تھے۔ ایک آل عمران کی آیت136جس میں ذکر ہے کہ مومنوں سے جب کوئی برائی سرزد ہوتی ہے تو وہ اللہ کو یاد کرتے اور اپنے گناہوں کی بخشش طلب کرتے ہیںان کی جزا مغفرت ہے۔اور دوسری سورۃ نساء کی آیت111 جس میں بیان ہے کہ جو شخص بدی اور ظلم کر کے اللہ سے بخشش کا طلب گار ہو وہ اللہ تعالیٰ کو بہت بخشنے والا اور مہربان پائیگا۔(60)
حضرت ابوبکرؓقرآن کریم پر غور وتدبر اور نبی کریم ﷺکی پاک صحبت کی برکت سے علمی عقدے حل کرتے رہتے تھے۔ایک دفعہ سورۃنساء کی آیت124کے بارہ میںدل میں سوال پیدا ہوا کہ اگرہر شخص کو اس کی ہر بدی پر سزا ملے گی تونجات کیسے ہوگی؟ سخت فکر مندی سے نبی کریم ﷺ سے یہ سوال پوچھا تو آپؐنے تسلی دلاتے ہوئے فرمایا’’اللہ تجھ پر رحم کرے اے ابوبکرؓ!تجھے اللہ تعالیٰ نے بخش دیا ہے۔‘‘دوسرے پوری امت کے لئے تسلی کا یہ جواب بھی سنا یا کہ ’’یہ جو آپ لوگ بیمار ہوتے یا تکلیف اٹھاتے یا غمگین ہوتے ہیں۔یہ بھی بدی کی جزا ہے جواللہ تعالیٰ اس دنیا میں دیکر مومنوں کی کفایت فرما لیتا ہے۔‘‘(61)
سورہ نصر نازل ہوئی تورسول کریمؐنے صحابہ کی مجلس میں یہ آیات سنائیںجن میں اللہ تعالیٰ کی نصرت اور فتح کے آنے اور فوج در فوج لوگوں کے دین اسلام میں داخل ہونے کا ذکر ہے حضرت ابوبکرؓرو پڑے۔ صحابہ حیران تھے کہ فتح کی خوشخبری پر رونا کیسا؟مگر حضرت ابوبکرؓکی بصیرت اور فراست بھانپ گئی تھی کہ یہ آیت جس میں رسول اللہﷺکے مشن کی تکمیل کا ذکر ہے، آپؐکی وفات کی خبر دے رہی ہے۔اور اپنے محبوب کی جدائی کے غم سے بے اختیار ہو کر رو پڑے۔اورپھر اس کے صرف دو سال بعد نبی کریمﷺ کی وفات ہوگئی۔
حضرت ابوبکرؓ کی اس خدادادبصیرت کا تذکرہ صحابہ میں عام تھا۔ایک اور موقع پر جب نبی کریمﷺنے مجلس میں ذکر فرمایا کہ’’ اللہ تعالیٰ نے اپنے ایک بندہ کو اختیار دیا کہ دنیا میں رہنا ہے یا خدا کے پاس حاضر ہونا ہے تو اس نے خدا کو اختیار کیا۔‘‘حضرت ابوبکرؓ اس پر بھی رو پڑے۔ صحابہؓ نے پہلے تعجب کیا مگر بعد میں انہیں پتہ چلا کہ اس’’ بندئہ خدا‘‘ سے مراد ہمارے آقاومولا حضرت محمد ؐ تھے۔ جنہوں نے دنیا پر خدا کے پاس جانے کوترجیح دی ۔(62)
حضرت ابوبکر ؓکے علمی شغف کا اندازہ اس سوال سے بھی ہوتا ہے جو انہوں نے مسئلہ تقدیر کے بارہ میںنبی کریمﷺ سے پوچھا کہ انسان کی تقدیر خیروشر کا اصولی فیصلہ ہو چکا ہے۔تو پھر اعمال کی کیا ضرورت ہے؟نبی کریمﷺ نے فرمایا کہ اعمال میں اللہ تعالیٰ نے انسان کو پابند نہیں رکھا۔ اختیار دیا ہے کہ جو عمل نیک یا بد چاہے کرے پھر وہ تقدیر کے مطابق انجام کو پہنچتا ہے۔(63)
استحکام خلافت
حضرت ابوبکرؓ کے ذریعہ تقررخلافت کے دونوںطریق یعنی انتخاب اور نامزدگی کھل کر واضح ہوگئے اور ا س سے بھی آئندہ نظام خلافت کوایک استحکام نصیب ہوا۔ حضرت ابو بکر ؓ کثرت رائے اور انتخاب کے ذریعہ خلیفہ مقررہوئے تھے جب انصار اور مہاجرین کے گروہ نے آپ کی بیعت کرکے خلیفہ تسلیم کر لیا۔پھر خودحضرت ابو بکر ؓ نے حضرت عمر ؓ کو اپنے بعد اہل رائے اصحاب کے مشورہ سے جانشین مقرر کر کے بتا دیا کہ تقرر خلافت کادوسرا طریق نامزدگی ہے ۔(64)
اطاعت رسولﷺ
حضرت ابوبکرؓمیں استغناء اور اطاعت رسولؐ کا نہایت اعلیٰ جذبہ تھا۔ایک دفعہ نبی کریمﷺ نے سوال کرنے سے منع فرمایا ۔اس ارشاد کی کامل اطاعت کر کے دکھائی صحابہؓبیان کرتے ہیں کہ بسااوقات حضرت ابوبکرؓ اونٹنی پر سوار ہوتے۔ اونٹ کی رسی ہاتھ سے چھوٹ جاتی اونٹ کوبٹھا کر خود نیچے اتر کر اپنے ہاتھ سے رسی اٹھاتے۔ صحابہؓ عرض کرتے کہ آپ ہمیں حکم فرماتے وہ جواب دیتے میرے حبیب رسول اللہ ؐ نے مجھے حکم دیا تھا کہ لوگوں سے سوال نہیں کرنا(65)سبحان اللہ!کیسا عجیب استغناء ہے اور کیسی شاندارانکساری۔
تواضع وانکساراورپہلی تقریر
حضرت ابوبکرؓمیںتواضع اور انکسار توجیسے کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا تھا۔انہوںنے غربت اور انکساری کا لباس اختیا رکر لیا تھا۔ان کی تواضع گفتگو سے صاف جھلکتی نظر آتی ہے ۔ خلافت کے پہلے انتخاب کے موقع پر آپ نے حضرت عمر ؓاور حضرت ابوعبیدہؓ کے نام لئے اور جب خلیفہ ہوئے تو اپنی پہلی تقریر میں اپنے انکسار کا یوں اظہارکیا کہ ’’میں تو چاہتا تھا کہ یہ ذمہ داری میرے علاوہ کوئی اور اٹھاتا۔ اب جبکہ میں نے یہ منصب قبول کر لیا ہے تو جتنی میری طاقت ہے میں اس کا حق ادا کرنے کی کوشش کرونگا۔مجھے نبی کریم ﷺ کے معیار پر رکھ کر گرفت نہ کرنا کہ آپؐ کو خدا تعالیٰ نے ایک خاص عصمت عطا فرمائی تھی اور آپ ؐمعصوم تھے۔‘‘(66)
حضرت ابوبکرؓ کی خشیّت اور مقام عجز کا اندازہ اس واقعہ سے بھی خوب ہوتا ہے ایک دفعہ نبی کریمؐنے فرمایا’’ جو شخص تکبر سے اپناتہبند ٹخنوں سے نیچے لٹکا کر چلتا ہے اس کو آگ کا عذاب ہو گا۔‘‘ حضرت ابوبکرؓنے جو ڈھیلا تہبند باندھنے کے عادی تھے کمال انکسار سے عرض کیا کہ یا رسولؐ اللہ! تہبند تو میرا بھی لٹک جاتا ہے۔ نبی کریمؐنے انہیں یہ نوید سنائی کہ’’ اے ابوبکر‘‘ ! تو ان لوگوںمیں سے نہیں۔(67)
کیونکہ آپ تہبند تکبر سے نہیں لٹکاتے تھے اسطرح نبی کریم ﷺنے ہر ایسے شخص کے لئے جو طبعاًفروتنی اور عاجزی رکھتا ہے یہ فرما کر دین میں تشدد کرنے والوں کے خیال کی اصلاح فرمادی۔
ایک دفعہ کسی نے آپ کوخلیفۃ اللہ کہہ دیا یعنی خدا کے خلیفہ تو نہایت انکساری سے فرمایا دیکھو میں محمد ؐ کا خلیفہ ہوں۔مجھے خلیفئہ رسول کہو میں اسی پر راضی ہوں۔‘‘(68)
حضرت ابوبکرؓکے آخری سانس تھے آ پ کی صاحبزادی حضرت عائشہؓ نے جذباتی کیفیت میں یہ شعر پڑھا
وَاَبیَضُ یُستَسقَی الغَمَامُ بِوَجِہہٖ
ثِمَالُ الیَتَامٰی عِصمَۃٌ الِّلاَرَامِلٖ
کہ آپ وہ ہیں جن کے منہ کے صدقے بارش کی دعا کی جاتی ہے۔ آپ یتیموں کے والی اور بیوائوں کے سہارا ہیں۔حضرت ابوبکرؓنے جان کنی کے عالم میں بھی اپنی یہ تعریف گوارا نہ کی اور نہایت انکسار سے فرمایا’’ اے عائشہ!یہ مقام تو آنحضرت ؐ کا تھا۔‘‘(69) آپؓ کی انگوٹھی پر یہ الفاظ کندہ تھے’’عَبدٌذَلِیلٌ لِرَبٍّ جَلِیلٍ ۔خدائے بزرگ وبرتر کا ایک ادنیٰ بندہ‘‘(70)
حضرت ابوبکرؓ مقام صدیقیت پر قائم تھے اور صدق وراستی سے اپنی طبعی مناسبت کے باعث اس کی پر زور تلقین فرماتے۔ایک دفعہ خطبہ دیتے ہوئے گلوگیر ہو گئے۔روتے ہوئے فرمایا ’’ سچائی اختیار کرو اس کے نتیجہ میں نیکی حاصل ہوتی ہے اور یہ جنت میں لیجانے کا ذریعہ ہے۔‘‘(71)
یزید بن ابو سفیان کو شام کا امیر مقرر کر کے روانہ کیا تو ازراہ نصیحت واشگاف الفاظ میں فرمایا کہ ’’مجھے بڑا اندیشہ یہ ہے کہ تم کہیں اپنے عزیزو اقارب سے اپنی امارت کے نتیجہ میں ترجیحی سلوک نہ کرو۔یاد رکھو میں نے نبی کریم ؐ سے سنا ہے کہ جس شخص کو مسلمانوں کا امیر بنایا جائے اور وہ کسی کو ڈر کر کچھ دیدے تو اس پر اللہ کی *** ہے۔‘‘(72)
عشق رسولﷺ
حضرت ابو بکر ؓ رسول اللہ ﷺکے عاشق صادق تھے۔ابتداء میں رسولِؐ خدا کیلئے جانثاری کے زیر عنوان اور سفر ہجرت میںبھی اس کا ذکر ہوچکا ہے۔اسی سفر کے متعلق بیان فرماتے تھے کہ راستے میں ایک چرواہے سے دودھ لے کر حضور ﷺکو پلایاجب حضورﷺنے دودھ پی لیا تو میرا دل راضی ہو گیا۔(73)
یہ فقرہ آپؓ کی کمال محبت کو خوب ظاہر کرتا ہے۔ ایسے لگتا ہے جیسے خود آپ نے وہ دودھ پیا اوردل خوش ہوگیا۔ مرتے دم تک آقاؐسے اپنے عشق کا اظہارکرتے رہے ۔ بار بار پوچھتے آج کیا دن ہے؟ حضرت عائشہؓ نے عرض کیا سوموار کا دن۔ فرمایا دیکھو اگر میں مرجائوں تو کل کا انتظار نہ کرنا۔ مجھے وہ دن اور راتیں بھی محبوب ہیں، جو رسول اللہؐ سے کسی لحاظ سے مناسبت یا قربت رکھتی ہیں۔(74)
حضرت ابوبکرؓ کو اہل بیت رسولؐسے بھی بڑی محبت تھی۔ آنحضورﷺکی وفات سے چند روز بعد کا واقعہ ہے۔ حضرت علی ؓ آپ کے ساتھ کہیں جا رہے تھے۔ راستہ میں حضرت حسنؓ کو بچوں کے ساتھ کھیلتے دیکھا۔ حضرت ابوبکرؓ نے حضرت حسنؓ کو کندھوں پر اٹھالیا۔ فرمانے لگے ’’ خدا کی قسم نبی کریمﷺ پر اس کی شکل گئی ہے۔ علیؓ پرہرگز ان کی شباہت نہیں‘‘۔حضرت علیؓ اس لطیف مزاح اور اظہار محبت سے لطف اندوز ہو کر مسکرانے لگے۔(75)
شجاعت
رسول اللہ ﷺ کی وفات کے عظیم سانحہ پرجب بڑے بڑے بہادروں کے پتّے پانی ہورہے تھے، آپ نے کیسی استقامت دکھائی اور کس طرح صحابہ رسولؐ کی ڈھارس بندھائی۔ اس کا ذکر بھی ہوچکا ہے۔
صحابہؓ بیان کرتے ہیں کہ ہم میں سب سے بہادر وہ سمجھا جاتا تھا جو میدان جنگ میںرسول اللہﷺکے ساتھ ہوا کرتاتھا کیونکہ سب سے زیادہ شدت سے حملہ وہیںہوتا تھا۔ یہ مقام شجاعت حضرت ابوبکرؓ اور حضرت علیؓ جیسے اصحاب کو حاصل تھا۔ حضرت علیؓنے ایک دفعہ صحابہ سے پوچھا کہ سب سے زیادہ بہادر کون ہے؟انہوں نے کہا ہمیں نہیں معلوم تو کہنے لگے ’’حضرت ابوبکرؓسب سے زیادہ بہادر تھے۔جنگ بدر میں ہم نے رسولؐ اللہ کیلئے ایک جھونپڑی یا خیمہ تیار کیا تو سوال پیدا ہوا کہ اب رسول اللہ ﷺکا پہرہ کون دے گا تاکہ مشرک آپؐ پر حملہ نہ کرسکیں؟ خدا کی قسم! کسی شخص نے ادھر کا رخ نہیں کیا مگر ابوبکرؓ تلوار لیکر اس پر حملہ آور ہوئے۔ یہ تھے تمام لوگوں سے بڑھ کر بہادر۔میں نے انہیںمکہ میں اس حال میں بھی دیکھا کہ رسولؐ اللہ کو کفار قریش نے گھیر رکھا ہے اور کوئی استہزاء و تمسخر کرتا تھا تو کوئی آواز کستا۔ ہم میں سے کوئی آگے نہ بڑھا سوائے ابوبکرؓ کے۔ انہوں نے کسی کو ادھر دھکیلا تو کسی کو ادھرپرے ہٹایا۔‘‘(76)
حضرت ابوبکرؓنبی کریم ﷺ کے وزیر اور مشیر تھے۔ نازک لمحات میں آنحضورﷺکے لئے تسلی کا موجب ہوتے تھے۔ بدر کے موقع پر جب نبی کریم ﷺ جھونپڑی میں نہایت درد اور الحاح کے ساتھ دعا کررہے تھے۔ حضرت ابوبکرؓ سے اپنے آقا کی یہ حالت دیکھی نہ جاتی تھی حضورﷺکی خدمت میں کمال ادب سے عر ض کیا’’ یا رسول اللہ !ؐ اب بس کیجئے۔ اللہ تعالیٰ کی فتح کے وعدے ضرور پورے ہوکر رہیں گے۔‘‘(77)
انفاق فی سبیل اللہ
حضرت ابوبکرؓکے ایک ایک وصف اور فضلیت کو بیان کیا جائے تو کئی کتابیں لکھی جاسکتی ہیں۔ اللہ کی راہ میں خرچ کرنے کا یہ حال تھا کہ قبول اسلام کے بعد چالیس ہزار درہم کے مالک تھے جو سب خدا کی راہ میں خرچ کر دئے۔غزوہ تبوک کے موقع پر تحریک کی گئی تو گھر کا سارا مال لاکر پیش کردیا۔ آنحضور ؐ نے فرمایا’’ جتنا فائدہ مجھے ابوبکرؓ کے مال نے دیا اتنا کسی کے مال نے نہیں دیا۔‘‘ (78)
محنت کی کمائی اوررزق حلال کا اتنا خیال تھا کہ خلافت کے دوسرے ہی روز کپڑوں کی گٹھڑی اٹھا کر روزی کمانے چلے تو راستہ میں بعض جلیل القدر صحابہ ملے۔ انہوں نے کہا اب آپ کا خرچ بیت المال ادا کرے گا۔ آپ قومی ذمہ داریوں کو سنبھالیں۔(79)
خدمت خلق
حضرت ابوبکرؓ میں خدمت خلق کا جذبہ بھی کما ل کاتھا۔ خلافت سے قبل آپ مدینہ میں اپنے محلہ کے گھروںکی بکریوں کا دودھ دوہ کر دیا کرتے تھے۔ جب خلیفہ ہوئے تو قبیلہ کی ایک کم سن لڑکی کہنے لگی اب ہماری بکریاں کون دوہا کرے گا؟ حضرت ابوبکرؓ کو پتہ چلا تو فرمایا’’ میں ہی تمہاری بکریاں دوہوں گا۔ اللہ تعالیٰ نے جو منصب مجھے عطافرمایا ہے اس سے میرے اخلاق تبدیل نہیں ہوں گے۔ بلکہ مزید خدمتوں کی توفیق پائوں گا۔‘‘چنانچہ خلیفہ بننے کے بعد بھی آپ قبیلہ کی بکریاں دوہ دیا کرتے تھے اور وہ لونڈی جس طرح کہتی اس کے مطابق یہ خدمت بخوشی انجام دیتے ۔(80)
حضرت عمرؓ مدینہ کی ایک نابینا عورت کی خبر گیری فرمانے گئے وہاں آکر دیکھا کہ کوئی دوسرا آدمی پہلے آکر اس کے کام کر جاتا تھا۔ ایک دفعہ پہلے آکر چھپ کر بیٹھ گئے تو دیکھا کہ حضرت ابوبکرؓ خلیفۃ الرسول ﷺپوشیدہ طور پر اس بڑھیا کی خدمت کرتے اور اس کے کام سرانجام دیا کرتے تھے۔ حضرت عمرؓ نے انہیں دیکھ کر کہا’’آپ ہی ایسے آدمی ہوسکتے تھے‘‘(81)
حضرت ابوبکرؓ حقوق اللہ اور حقوق العباد ہر پہلو سے تمام نیکیوں کے جامع وجود تھے۔ ایک دن نبی کریم ؐ نے صحابہؓ کی تربیت کی خاطر ان کا محاسبہ کرتے ہوئے پوچھا کہ آج اپنے کسی بیمار بھائی کی عیادت کس نے کی؟حضرت ابوبکرؓ نے عرض کیا انہیں اس کی توفیق ملی ہے۔پھر فرمایا آج نفلی روزہ کس نے رکھا ہے؟ پتہ چلا کہ حضرت ابوبکرؓ روزہ سے ہیں۔ پھر آپ نے صدقہ دینے اور مسکین کو کھانا کھلانے کے بارہ میں سوال کیا۔ حضرت ابوبکرؓ نے عرض کیا کہ انہوں نے اس کی بھی توفیق پائی ہے۔ پھر حضورؐ نے کسی مسلمان بھائی کی نماز جنازہ پڑھنے کے بارے میں پوچھا تو حضرت ابوبکرؓ نے بتایا کہ میں نے نماز جنازہ میں بھی شرکت کی ہے۔ اس پر نبی کریمؐ نے فرمایا کہ جس شخص نے ایک دن میں یہ سب نیکیاں جمع کرنے کی توفیق پائی اس پر جنت واجب ہوگئی۔ (82)
یہی مضمون آنحضرت ﷺکی ایک اور مجلس میں اس طرح بھی ظاہر ہوا۔ آپﷺ نے فرمایا ’’قیامت کے دن جنت کے مختلف دروازے ہوں گے۔ کوئی نماز کا دروازہ ہوگا تو کوئی صدقہ کا اور کوئی روزے کا یہ نیکیاں بجالانے والے مومن ان دروازوں سے جنت میں داخل ہوں گے اور جنت کے دربان فرشتے ان کو آواز دے کر بلائیں گے کہ اے نمازیو! آئو اور نماز کے دروازے سے جنت میں داخل ہوجائو۔ اور اے صدقہ اور روزہ والو! تم اس دروازے سے جنت میں داخل ہوجائو‘‘۔ حضرت ابوبکرؓ نے بھی کیا لطیف سوال کیا کہ یا رسولؐ اللہ جس شخص کو ایک دروازے سے بھی جنت میں داخلہ کی ندا آئے اسے حاجت تو نہیں کہ دوسرے دروازوں سے بھی بلایا جائے۔ مگر کیا کوئی ایسا خوش نصیب بھی ہوگا جسے جنت کے تمام دروازوں سے دربان فرشتے پکاریں گے۔ حضورﷺنے فرمایاکہ ہاں! اے ابوبکرؓ میں اُمید کرتا ہوں کہ تو ان خوش نصیب لوگوں میں سے ہوگا جسے تمام دروازوں سے جنت کے دربان فرشتے جنت میں آنے کی دعوت دیں گے۔(83)
اس طرح آنحضرت ؐنے جہاں آپ کو تمام نیکیوں میں اعلیٰ ذوق اور کامل مقام کے حامل ہونے کی خوشخبری سنائی وہاں تمام مسلمانوں کو یہ پیغام بھی دیا کہ اگر تم بھی چاہتے ہو کہ سب دروازوں سے جنت میں بلائے جانے کا اعزاز پائو تو سیرت صدیقی اختیار کرو۔ جو نام ہے کامل اطاعت اور سپرداری کا اور خدا کی رضا پر راضی ہوجانے کا۔
مقام ابوبکرؓ
حضرت ابوبکرؓ کے اس مقام بلندکی خبر حضرت جبرائیل ؑ نے ایک دفعہ آنحضرتﷺ کو ان الفاظ میں دی کہ’’ عتیق‘‘ یعنی آگ سے آزادابوبکرؓ کو کہہ دیں کہ اللہ تعالیٰ ان سے راضی ہے۔(84)
حضرت ابوبکرؓ طبعاً انکساری کے باعث اپنے الہامات و کشوف کا ذکر نہ کرتے تھے۔ بعض دفعہ کسی سوال کے جواب میںمجبوری سے ذکر کرناپڑاتو پتہ چلا آخری بیماری میں صحابہؓ حضرت ابوبکرؓ کی عیادت کو آئے تو عرض کیا کہ ہم آپ کے لئے کوئی طبیب نہ بلائیں؟ فرمایا میں نے ایک فرشتہ دیکھا ہے۔ انہوں نے کہا اس نے آپ کو کیا بتایا؟ آپ ؓنے فرمایا اس نے کہا ’’ہم(یعنی اللہ) جس بات کا ارادہ کریں وہ ضرور کردیتے ہیں۔‘‘(85)ظاہر ہے کہ اس میں آپ کی وفات کی طرف اشارہ تھا۔
رسول کریمؐنے فرمایا’’مجھ پر سب سے زیادہ احسان اپنی دوستی اور مال سے ابوبکرؓ کا ہے۔‘‘ اور ’’اگر میں اپنے رب کے علاوہ کسی اور کو گہرا دوست بناتا تو ابوبکرؓ کو اختیار کرتا۔‘‘(86)حضرت حسانؓنے کیا خوب کہا
وَکَانَ حِبَّ رَسُولِ اللّٰہ قَد عَلِمُوا خَیرَالبَریَّۃِ لَم یَعدِلْ بِہٖ رَجُلاً
کہ دنیا جانتی ہے کہ حضرت ابوبکرؓ رسولؐ اللہ کے محبوب ترین فرد تھے۔ سب مخلوق سے بہتر وہ انسان جس کے مقابلہ کا کوئی شخص نہیں ہے۔(87)
اسی طرح رسول اللہ ﷺنے فرمایا ’’کسی قوم کے لئے جنمیں ابوبکرؓ موجود ہومناسب نہیں کہ ان کو کوئی اور(نماز کی) امامت کرائے ۔ (88)
ایک دفعہ ایک عورت رسول کریم ؐ کے پاس آئی۔ ملاقات کے بعد جاتے وقت کہنے لگی اگر میں آئندہ آئوں اور آپ کو نہ پائوں تو کیا کروں۔ آپ نے فرمایا: ’’اگر مجھے نہ پائو، تو ابوبکرؓ کے پاس آنا۔‘‘(89)
حضرت عائشہ ؓسے روایت ہے کہ رسول ؐاللہ نے اپنی بیماری میں فرمایا:
’’میں نے ارادہ کیا کہ ابوبکرؓ اور اس کے بیٹے کو بلوا بھیجوں اور وصیت کردوں۔ مبادا کوئی اعتراض کرنے والا اعتراض کرے یا خواہش کرنے والا خواہش کرے۔پھر میں نے کہا کہ ابوبکرؓ کے سوا اللہ بھی انکار کردے گا اور مومن بھی ردّ کردیں گے۔‘‘ (90)
وفات ابو بکرؓ پر حضرت علی ؓکی تقریر
حضرت ابو بکرؓ کی وفات کے موقع پران کے کامران و کامیاب عہد خلافت کے بارے میں حضرت علی ؓ کی ایک جامع تقریر کا ذکر کرنا نہایت مناسب ہوگا ۔’’ جب حضرت ابو بکرصدیقؓ نے انتقال فرمایا تو مدینہ (رونے والوں کی )آواز سے گونج اٹھا جیسا کہ رسولؐ اللہ کی وفات کے دن (رونے والوںکی آواز سے )گونج اٹھا تھا۔ پھرحضرت علیؓ تشریف لائے اس حال میں کہ آپ اِنَّا اللّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیہِ رَاجِعُونَ پڑھتے جاتے تھے اور یہ کہتے جاتے تھے کہ آج خلافت نبوت کا خاتمہ ہوگیا۔ حضرت ابو بکر ؓ کے مکان پر پہنچ کر انہیں چادر اوڑھا کر پھر حضرت علی ؓنے یہ تاریخی خطبہ دیا ۔
’’اے ابو بکرؓ ! آپ رسول اللہ ؐ کے دوست تھے ، ان کے مونس تھے ، ان کے مرجع و معتمد تھے ، ان کے راز دار اور مشورہ دینے والے تھے ، آپ سب سے پہلے اسلام لائے اور سب سے زیادہ فائق الایمان تھے اور سب سے زیادہ مضبوط یقین کے تھے اور سب سے زیادہ خدا کا خوف رکھتے تھے۔ آپ اللہ کے دین کے نافع تھے اور رسول ؐاللہ کی نگہداشت میں سب سے زیادہ فائق تھے ، سب سے زیادہ اسلام پر شفقت کرنے والے تھے اور اصحاب رسول کے حق میں بہت بابرکت تھے اور سب سے زیادہ رسول اللہﷺ کا حق رفاقت ادا کرنے والے تھے اور سب سے زیادہ مناقب میں اور سب سے افضل اسلامی امتیازات میں۔ اور سب سے بلند مرتبہ میں ۔اور سب سے زیادہ مقرب بارگاہ رسالت میں۔ اور سب سے زیادہ روش اور عادت اور مہربانی اور بزرگی میں رسول اللہﷺ کے مشابہ اور سب سے زیادہ مرتبہ کے لحاظ سے اشرف اور سب سے زیادہ رسول اللہ ﷺکے نزدیک با عزت اور سب سے زیادہ آپؐ کے نزدیک قابل وثوق تھے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اسلام کی طرف سے اور اپنے رسول کی طرف سے جزائے خیر عطا کرے ۔
اے ابو بکرؓ! آپ رسول اللہﷺ کے نزدیک بمنزلہ کان اور آنکھ کے تھے ۔ آپؓ نے رسول اللہ ﷺکی تصدیق اس وقت کی جب تمام لوگ آپ کی تکذیب کرتے تھے اس لئے اللہ تعالیٰ نے آپ کا نام اپنی کتاب میں صدیق رکھا ۔چنانچہ فرمایا وَالَّذِی جَآء بِالصِّدقِ وَصَدَّقَ بِہٖ۔اور وہ شخص جو سچ لایا او روہ شخص جس نے اس کی تصدیق کی سچ کو لانے واے محمدؐ ہیں اور اس کی تصدیق کرنے والے ابو بکرؓ ہیں۔ اے ابو بکر ؓ! آپ نے رسول اللہؐ کی غمخواری اپنے جان و مال سے اس وقت کی جب اور لوگ مال سے بخل کرتے تھے ۔ آپ نے ان کی رفاقت مصائب کے ایسے وقت میں کی جبکہ اور لوگ آپ کی اعانت سے بیٹھ رہے تھے ۔ آپ نے سختی کے زمانے میں ان کی صحبت اختیار کی۔ آپؓ صحابہؓ میں سب سے مکرم ثانی اثنین، غار میں رسو ل اللہ ﷺکے ساتھی تھے ۔ جس وقت خدا کی طرف سے سکینت اور وقار اتارا گیا ۔ آپ ہجرت میں رسول اللہﷺ کے رفیق اور دین میں اور امت میں ان کے خلیفہ تھے۔ آپ نے فرائض خلافت کو خوب ادا کیا اور اس وقت آپ نے وہ کام کیا جو کسی نبی کے خلیفہ نے نہ کیا تھا ۔ آپ مستعد رہے جبکہ آپ کے ساتھی سستی ظاہر کرتے تھے ۔ آپ میدان میں آگئے جبکہ وہ چھپ رہنا چاہتے تھے اور آپ قوی رہے جبکہ وہ ضعف ظاہر کرنے لگے ۔ اور آپ نے طریقۂ رسول ﷺ کو مضبوط پکڑا جبکہ وہ لوگ ادھر ادھر بھٹکنے لگے ۔ آپ کی خلافت منافقوں کی ذلت، کافروں کی ہلاکت ، حاسدوں کی ناگواری اور باغیوں کی ناخوشی کا سبب تھی اور آپ اس وقت امر حق کے اجراء میں قائم ہوئے جبکہ اور لوگوں نے ہمتیں پست کر دی تھیں اور آپ ثابت قدم رہے جبکہ اور لوگوں میں تردد پیدا ہو گیا اور آپ نور الٰہی کے ساتھ خطرناک راستوں سے گذر گئے جبکہ اور لوگ توقف پذیر ہو گئے ۔ پھر آپ کو راہ پر دیکھ کر سب نے آپ کی پیروی کی اور سب نے راہ پائی اور آپ آواز میں سب سے پست تھے اور فوقیت میں سب سے برتر۔ آپ کلام میں سب سے بہتر تھے ۔ آپ کی گفتگو سب سے ٹھیک اور آپ کی خاموشی سب سے بڑھی ہوئی ہوتی تھی ۔ آپ کا قول سب سے بلیغ ہوتا تھا اور آپ کا دل سب سے زیادہ شجاع تھااور سب سے زیادہ امور (دینی و دنیوی) کے پہچاننے والے تھے اور عمل کے لحاظ سے سب میں اشرف تھے (اے صدیقؓ)قسم خدا کی آپ دین کے سردار تھے، ابتدا میںبھی جب لوگ دین سے بھاگے تھے اور آخر میں بھی جبکہ لوگ (دین کی جانب)متوجہ ہوئے آپ مسلمانوں کے مہربان باپ تھے۔ یہاں تک کہ سب مسلمان آپ کے با ل بچے تھے اور جس بار کے اٹھانے سے وہ ضعیف تھے وہ بار آپؓ نے (اپنے سر پر)اٹھا لیا اور جو امور ان سے فرو گزاشت ہوئے تھے آپ نے ان کی نگہداشت کی اور جس کو انہوں نے ضائع کیا آپ نے اس کی حفاظت کی اور جس بات سے وہ جاہل رہے آپ نے اسے جان لیا اور جس وقت وہ (اجراء امور دین میں)سست ہوئے تو آپ (ان کاموں میں کمر باندھ کر) مستعد ہوگئے اور جب وہ لوگ گھبرائے تو آپ نے صبر (و استقلال)سے کام لیا۔ پس ان کے مطالب کے قصور کو معلوم کر لیا اور آپ کی رائے سے اپنے مقاصد کی طرف راہ یاب ہوئے تو انہوں نے اپنی مراد کو پایا اور آپ کے سبب سے (ان مدارج علیا کو) پہنچے کہ جس کا انہیں گمان ہی نہ تھا (اے ابو بکرؓ )آپ کافروں پر (تو)عذاب آسمانی اور (غضب الہٰی کی )آگ تھے اور ایمانداروں کیلئے (خدا کی ) رحمت اور انس اور (ایک مضبوط)قلعہ تھے پس (ان محامدو کمالات کے سبب) آپ اس خلافت (کے دریا) میں داخل ہوئے اور انتہا تک پہنچ گئے اور اس کے فضائل حاصل کر لئے اور اس کے سوابق پائے اور (باوجود یکہ یہ کام مشکل تھا مگر)آپ کی حجت نے کمی نہ کی اور آپ کی بصیرت ضعیف نہ ہوئی اور آپ کے دل نے بزدلی نہ کی اور آپ کا قلب نہ گھبرایا اور آپ (خلافت میں آکر) حیران نہیں ہوئے۔ آپ مثل پہاڑ کے تھے جسے بادل کا گرجنا اور تیز آندھیاں اپنی جگہ سے نہ ہٹا سکیں اور (اے ابو بکرؓ درحقیقت) آپ موافق ارشاد رسولؐ اللہ کے اپنی رفاقت اور مال سے سب سے زیادہ رسولﷺ اللہ پر احسان کرنے والے تھے اور نیز حسب ارشاد نبویؐ آپ اپنے بدن میں ضعیف تھے مگر خد اکے کام میں قوی تھے۔ منکسر النفس تھے مگر خدا کے نزدیک باعظمت تھے۔ لوگوں کی نظروں میں جلیل(القدر) تھے ان کے دلوں میںبزرگ تھے۔ کسی شخص کو آپ پر موقع نہ ملتا تھا اور نہ کوئی گرفت کرنے والا آپ میں عیب نکال سکتا تھا اور نہ کوئی آپ سے (خلاف حق) کی طمع کر سکتا تھا اور نہ کسی کی آپ کے یہاں(ناجائز)رعایت تھی (جو)ضعیف و ذلیل تھا وہ آ پ کے نزدیک قوی غالب تھا ۔ یہاں تک کہ آپ اس سے حق دار کا حق لے لیتے تھے۔ اس بار ہ میں قریب و بعید آپ کے نزدیک یکساں تھے۔ سب سے زیادہ مقرب آپ کے یہاں وہ تھا جو اللہ کا بڑا مطیع اور اس سے بڑا ڈرنے والا تھا۔ آپ کی شان حق(کام کرنا)اورسچ بولنا اور نرمی کرنا تھی۔ آ پ کی بات (لوگوں کیلئے) حکم اور قطعی(حکم )تھی اور آپ کا کام سراسر حلم و ہوشیاری تھا۔ آپ کی رائے علم اورعزم تھی آپ نے جب مفارقت کی تو (ہم کو اس حال میں چھوڑا) کہ راہ صاف تھی اور دشواریاں آسان ہوگئی تھیں ۔اور (ظلم و تعدی کی )آگ بجھ گئی تھی اور آپ (کی ذات)سے ایمان قوی ہوگیا تھا اور اسلام مستحکم اور مسلمان ثابت قدم ہوگئے تھے اور خداکا حکم ظاہر ہوگیا تھا اگرچہ کافروں کوناگوار گزرا۔
پس خدا کی قسم (اے ابوبکرؓ)آپ (اوصاف حسنہ میں سب سے )بڑھ گئے اور بہت دور پہنچے اور آپ نے اپنے بعد کے لوگوں کو سخت تعب (و تکلیف) میں ڈالا(کیونکہ امور خلافت میں آپ کی جیسی کوئی شخص کو شش نہیں کر سکتا)اور واضح طورپر خیر تک پہنچے اب آپ نے (اپنی وفات کے صدمہ سے سب کو) رونے (اور غم کرنے )میں مبتلا کیا ۔ آپ کی مصیبت(وفات)آسمان میں بڑی باعظمت ہے اورآپ کے (فراق)کی مصیبت نے لوگوں کو شکستہ (دل اور ویران خاطر)کردیا۔
اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْن ہم اللہ سے اس کے حکم پر راضی ہوئے اور اس کا کام اسی کے سپرد کیا ۔ قسم خدا کی رسول اللہ ؐ کے بعد کبھی مسلمان آپ کے جیسے شخص (کی وفات) کی مصیبت نہ اٹھائیں گے۔ آپ دین کی عزت اور دین کی حفاظت اور دین کی پناہ میں تھے اور مسلمانوں کے مرجع و ماوٰی اور ان کے فریاد رس تھے اور منافقوں پر سخت اور (ان کے )غصہ (کا سبب) تھے۔ اللہ آپ کو آپ کے نبی ؐ سے ملادے اور ہمیں آپ کے (غم میں صبر کرنے کے) اجر سے محروم نہ رکھے اور آپ کے بعد ہمیں گمراہ نہ کرے اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْن۔ راوی کا بیان ہے کہ سب لوگ (اس تقریر کے وقت) خاموش رہے یہاں تک کہ حضرت علیؓ نے اپنی تقریر ختم کی(اور جب آپ نے یہ تقریر ختم کی تو)پھر سب روئے یہاں تک کہ ان کے رونے کی آواز بلند ہوئی ۔پھر سب نے کہا اے رسولؐ اللہ کے داماد ! آ پ نے سچ فرمایا۔(91)
شادی اور اولاد
حضرت ابوبکرؓ کی چار شادیاں تھیں۔ زمانہ جاہلیت میں قتیلہ بنت عبدالعزی سے نکاح کیا جس سے عبداللہ اور اسماء پیدا ہوئے۔ دوسرا نکاح ام رومان کنانیہ سے کیا جن سے عبدالرحمن اور عائشہؓ (ام المومنین)ہوئے۔
زمانہ اسلام میں پہلے حضرت جعفرؓ کی بیوہ حضرت اسمائؓ بنت عمیس سے شادی کی۔ جن سے محمد بن ابی بکر ہوئے۔ اسی طرح حبیبہ بنت خارجہ بن زید انصاریہ سے نکاح کیا جن سے آپ کی وفات کے بعد ام کلثوم پیدا ہوئیں۔(92)
امام الزمان حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں۔
’’ابو بکرؓ ایک عظیم بہادر ،جری، عبقری اور مرد خدا تھا ۔ اس نے ہر اس شخص سے مقابلہ کیا جس نے اسلام کو چھوڑ ا ۔ اس نے اسلام کی اشاعت کیلئے شدائد برداشت کیں ۔ اور ان لوگوں کو ہلاک کیا جنہوں نے جھوٹے نبوت کے دعوے کئے تھے۔۔ ۔ آغاز سے ہی ، جب سے میں نے ہوش سنبھالا ہے، ابو بکرؓ کے لئے میرے دل میں ایک محبت ڈالی گئی ہے اور میں نے اس کی رکاب کو پکڑ لیا اور اس کی پناہ میں آگیا اور تب اللہ نے مجھ پر اپنی رحمت نازل کی اور میری تائید فرمائی اور مجھے ان معزز لوگوں میں سے بنا دیا جو اس صدی کا مجدد ہے ۔ یہ سب کچھ جو اللہ تعالیٰ نے مجھے عطا کیا۔ آنحضوؐرکی برکت اور ان مقرب لوگوںکی محبت کی وجہ سے ہے ۔ خدا کی قسم ! ابو بکرؓ آنحضرتﷺ کا صاحب حرمین بھی تھا مکہ اور مدینہ میں اور دونوں قبروں قبرِ غار اور قبرِ مدینہ میں بھی وہ حضرت محمد مصطفیٰ ؐ کا ساتھی ہے۔ جس کی ذات اور خلافت کی قرآن شریف میں اللہ تعالیٰ نے تعریف فرمائی ہے ۔
اگر صدیقؓ اکبر نہ ہوتا تو اسلام کے اندر ضعف داخل ہو جاتا اسلام کو جو اللہ تعالیٰ نے حسن و جمال اور سرسبزی و شادابی بخشی وہ ابوبکر ؓ کی وجہ سے ہی عطا فرمائی ۔ اس نے کوئی اجر نہیں مانگا اور رضائے باری کے لئے یہ سب کام کیا ۔ اللہ تعالیٰ ہم پر بھی رحم کر۔پس اے نعمتوں والے تو سب رحم کرنے والوںسے بڑھ کر رحم کرنیوالا اور بہتر رحم کرنے والا ہے ۔ اے اللہ ! تو ہم پر رحم فرما۔ آمین‘‘(93)
حوالہ جات
1-
اصابہ جز 4صفحہ102
2-
ابن ہشام جلد 1صفحہ288
-3
روض الانف جلد 1ص 288
-4
سیرت الحلبیہ جلد 1ص 275،البدایہ جلد3ص 29
-5
ابن ہشام جلد 1ص 267
6-
استیعاب جلد 1صفحہ 341
-7
طبری جلد 2ص 314
8-
اصابہ جز 4صفحہ102و بخاری کتاب المناقب باب مناقب ابی بکرؓ
-9
سیرت الحلبیہ جلد 1ص 295
10-
بخاری کتاب التفسیر(40)سورۃ المومن و سیرت الحلبیہ جلد 1ص 294
-11
بیھقی جلد 2ص 167
12-
بخاری کتاب مناقب الانصار باب ھجرۃ النبیؐ
13-
بخاری کتاب مناقب الانصار باب ھجرۃ النبیؐو سیرت الحلبیہ جلد 2ص 44،استیعاب جلد 3ص 95
14-
سیرت الحلبیہ جلد 2ص 45و مسند احمد جلد 1ص 5
-15
ابن سعد جلد 8ص 62
-16
مجمع الزوائد جلد 9ص 46
-17
بخاری کتاب التفسیر
-18
کنز العمال جلد 5ص 658
-19
بخاری کتاب المغازی
-20
بیھقی جلد 4ص 48
-21
مجمع الزوائد جلد 9ص237
-22
ابن ہشام جلد 3ص 346
-23
بخاری کتاب الشروط باب الشروط و المصالحہ
-24
بخاری کتاب المغازی باب دخول النبی ؐمن اعلیٰ مکہ
25-
ابن سعد جلد 3 صفحہ174
26-
بخاری کتاب المغازی
-27
مستدرک حاکم جلد3ص 477،استیعاب جلد 3ص 96
28-
بخاری کتاب المغازی
29-
بخاری کتاب الحدود،ابن سعد جلد 3ص 151،بیھقی جلد8ص 143
30-
اازالۃ الخفاء مترجم ص240،استیعاب جلد 3ص 97
-31
مجمع الزوائد جلد 5ص 183و کنزالعمال جلد 3ص 130،140
32-
بخاری کتاب الزکوٰۃ
33-
بخاری کتاب فضائل القرآن
-34
ازالۃ الخفاء ص 276
-35
استیعاب جلد 3ص 99
-36
تاریخ ابن خلدون جز 2ص 60تا65
-37
تاریخ ابن اثیر جلد1ص134
-38
تاریخ ابن اثیر جز 1 ص142
-39
بخاری کتاب الزکوۃ،طبری مترجم اردوجلد2ص63
-40
بخاری فضائل القرآن
-41
مسند احمدجلد 1ص 9
-42
بخاری کتاب المغازی
-43
ابن اثیرمترجم اردوجلد3ص 87 تا108
-44
ابن اثیرمترجم جلد3ص 115تا141
-45
نہج البلاغہ قسم سوم ص 383مطبوعہ مصر
-46
مسند احمد جلد 1صفحہ8،استیعاب جلد 3ص 101
47-
مستدرک حاکم جلد 3 صفحہ73 مطبوعہ مصر
48-
مستدرک حاکم جلد 3 صفحہ68
49-
جامع الصغیر صفحہ5
-50
سر الخلافہ روحانی خزائن جلد 8 ص355ترجمہ از عربی
51-
مسند احمد جلد 1صفحہ8
52-
مسند احمد جلد 1صفحہ8
53-
اصابہ جلد 4 صفحہ164
54-
مسند احمد بن حنبل جلد1 صفحہ4
55-
ترمذی ابواب الدعوات
56-
مسند احمد جلد 1صفحہ5
57-
مسند احمد جلد 1صفحہ3
58-
بخاری کتاب المناقب
59-
مسند احمد جلد 1صفحہ5
60-
مسند احمد جلد 1صفحہ9
61-
مسند احمد جلد 1صفحہ11
62-
بخاری کتاب المناقب
63-
مسند احمد جلد 1صفحہ6
-64
بخاری کتاب الاحکام باب الاستخلاف
65-
مسند احمد جلد 1صفحہ5
66-
مسند احمد جلد 1صفحہ5
67-
بخاری کتاب اللباس
68-
استیعاب جلد 3ص 98
69-
بخاری کتاب المغازی
70-
استیعاب جلد 3ص 101
-71
مسند احمد جلد 1صفحہ10
72-
مسند احمد جلد 1صفحہ7
73-
مسند احمد جلد 1صفحہ6
74-
مسند احمد جلد 1صفحہ3
75-
مسند احمد جلد 1صفحہ8
-76
مجمع الزوائد جلد 9ص 46
77-
بخاری کتاب المغازی
-78
استیعاب جلد 3ص 94، اسد الغابہ جلد3 صفحہ218
-79
ابن سعد جلد3 صفحہ184
80-
مسند احمد جلد 1صفحہ8،اسد الغابہ جلد3ص 219
-81
ابن اثیر مترجم جلد سوم ص 134
-82
مجمع الزوائد جلد 3ص164و اسد الغابہ جلد 3ص 217
83-
بخاری کتاب الصوم
84-
اسدالغابہ فی جلد 3صفحہ209
85-
حلیۃ الاولیاء جلد 1 صفحہ34
86-
مسند احمد جلد4صفحہ4
-87
استیعاب جلد 3ص 93
-88
ترمذی کتاب المناقب باب قولہ لَا یَنبَغِی لقوم فیھم ابوبکرؓ
-89
ترمذی کتاب المناقب باب قولہ لامرأۃِ
-90
بخاری کتاب الاحکام باب الاستخلاف ومسلم کتاب المناقب ، باب مناقب ابی بکرؓ
-91
مجمع الزوائد جلد9ص 46،ازالہ الخفاء مترجم ص265تا268
-92
ابن اثیر جلد سوم ص 131
-93
سر الخلافہ روحانی خزائن جلد8ص393

حضرت علی ؓ
نام ونسب
درمیانہ قد،سیاہ آنکھیں،حسین چہرہ جیسے چودہویں کا چاند،لمبی گردن فربہ جسم ،چوڑے کندھے یہ تھے حضرت علی بن ابی طالب بن عبدالمطلب بن ہاشم۔خاندان بنی ہاشم کے چشم و چراغ۔والدکا اصل نام عبدمناف اور کنیت ابوطالب تھی۔ والدہ فاطمہ بنت اسد بن ہاشم تھیں۔ حضرت علیؓ کی کنیت ابوالحسن تھی۔ بعثت نبوی سے دس سال قبل پیدا ہوئے۔(1)
خاندان بنی ہاشم کو خانہ کعبہ کی خدمت کی سعادت حاصل تھی۔ اور اس لحاظ سے وہ تمام عرب میں مذہبی لیڈر سمجھے جاتے تھے۔
ابوطالب حضرت علیؓ کے والد رسول اللہ ﷺکے حقیقی چچاتھے۔ انہوں نے آنحضرتؐ کی پرورش کمال محبت اور شفقت سے کی بلکہ دعویٰ رسالت کے بعد جب کفار قریش کی مخالفت کا آغاز ہوا۔ ابو طالب نے رسول اکرمﷺکی حمایت کا بیڑا اُٹھایا اور ہمیشہ آپؐ کے سامنے سینہ سپر رہے۔ خاندان ابو طالب تین سال تک رسول اللہﷺکے ساتھ شعب ابی طالب میں محصور رہ کردشمنان اسلام کا تختۂ مشق ستم بنتا رہا۔ عام روایات کے مطابق ابوطالب کو قبول اسلام کے برملااظہار کی توفیق نہیں ملی۔ مگر انہوںنے رسول اللہ ﷺکوہمیشہ سچا جانا اور آپؐ کا ساتھ دیا۔(2)
ابو طالب کا اظہار صداقت
ایک دفعہ ابوطالب نے اپنی بیماری میں رسول اللہ ﷺسے خواہش کی کہ اپنے اس رب سے دعا کریںکہ وہ مجھے اچھا کردے۔ رسول اللہﷺ نے دعا کی جس سے ان کو فوری افاقہ ہوا۔اس پر ابوطالب بے اختیار کہہ اُٹھے ’’اے محمدؐ واقعی تجھے تیرے رب نے بھیجا ہے اور وہ تیری بات بھی خوب مانتا ہے۔‘‘رسول اللہﷺنے فرمایا ’’اور آپ بھی اے چچا اللہ کی اطاعت کریں گے وہ بھی آپ کی مانے گا۔‘‘(3)
پھر ابوطالب نے جس جرأت جواں مردی اور استقلال سے رسول کریمﷺکی نصرت و حمایت کی اسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ بلکہ ان کا نام ہمیشہ احسان مندی کے جذبات کے ساتھ یادرکھا جائے گا۔
حضرت علیؓ کی والدہ حضرت فاطمہؓ بنت اسد نے شفیق ماں کی طرح رسول اکرمﷺکی پرورش فرمائی تھی۔ انہیں نہ صرف قبول اسلام بلکہ ہجرت مدینہ کی بھی سعادت نصیب ہوئی۔ مدینہ میں ہی انہوں نے وفات پائی۔ رسول اللہﷺنے اپنا قمیص مبارک ان کے کفن کے لئے عطاکیا اور فرمایا ’’میں ابوطالب کے بعد اس نیک سیرت خاتون کا ممنون احسان ہوں۔ ‘‘
قبول اسلام
حضرت علیؓ ابھی کم سن بچے تھے جب ان کے والد ابوطالب کو ایک بڑا کنبہ پالنے کا بوجھ اور تنگی اُٹھانی پڑی۔ آنحضرت ﷺنے اپنے پیارے چچا کا ہاتھ بٹانے کی خاطر حضرت علیؓ کی کفالت اپنے ذمّے لے لی۔ اور یوں حضرت علیؓ شروع ہی سے آنحضرت ﷺکے زیر تربیت آگئے۔وہ دس سال کے ہوئے تو رسول اکرمﷺنے دعوی نبوت فرمایا۔
ایک دفعہ حضرت علیؓ نے آپؐ کو حضرت خدیجہؓ کے ساتھ عبادت کرتے دیکھا تو پوچھا کہ آپؐ کیا کررہے تھے۔ آنحضرت ﷺنے اپنے منصب نبوت کا ذکر کرتے ہوئے کفروشرک کی تردید کی اور حضرت علیؓ کو دعوت اسلام دی۔حضرت علیؓ تو پہلے ہی آپؐ کے فیض تربیت اور صحبت سے منور ہوچکے تھے۔ فوراً اسلام قبول کرنے کی سعادت پائی۔ یوں تبلیغ کے عام اعلان سے پہلے بچوں میں سب سے پہلے حضرت علیؓ کو قبولیت اسلام کا شرف حاصل ہوا۔اس وقت ان کی عمر 10سے 15برس تھی ۔ فرماتے تھے کہ میں پہلامرد ہوں جس نے رسولؐ اللہ کے ساتھ نماز پڑھی ہے۔ (4)
تائید حق اور دعوت الی اللہ
چوتھے سال نبوت میں رسول کریمﷺ کورشتہ داروں کو ہوشیار کرنے کا حکم ہوا تو آپ ؐ نے حضرت علیؓ کو ارشاد فرمایا کہ اپنے خاندان تک پیغام اسلام پہنچانے کے لئے ایک دعوت طعام کا اہتمام کریں۔ حضرت علی ؓ نے بکری کے پایوں کے سالن اور دودھ کا انتظام کیااور خاندان کے چالیس افراد کو اس دعوت پر بلایا گیا۔ دعوت کے بعد آنحضرتﷺ نے خاندان بنی مطلب کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا ’’خدا کی قسم میں تمہارے سامنے دنیا وآخرت کی بہترین نعمت پیش کررہاہوں۔ کون ہے جو اس کام میں میرا معاون اور مددگار ہوگا؟‘‘
اس وقت خاندان میں سے کسی اور کوتو توفیق نہ ہوئی، مگر یہ کم سن بچہ کھڑا ہوا، جس کی آنکھوں سے آشوب چشم کی وجہ سے پانی بہ رہا تھا، مگر کمال ہمّت وعزم سے اس نے کہا ’’یا رسولؐاللہ ہر چند کہ میں کمزور اور ناتواں ہوں میں اس راہ میں آپؐ کی مدد کے لئے حاضر ہوں ۔ ‘‘ رسول ؐاللہ نے آپؓ کو بیٹھنے کا ارشاد فرمایا اور اپنے رشتہ داروں کے مجمع کے سامنے پھر یہی سوال دہرایا ، دوسری دفعہ پھر حضرت علی ؓ کے سوا کوئی اور نہ اُٹھا۔ تیسری مرتبہ بھی جب حضرت علی ؓ نے ہی نہایت دلیری اور جانبازی کے ساتھ اپنی خدمات اسلام کی تائید کے لئے پیش کردیں تو رسول اللہؐ بہت خوش ہوئے۔ (5)
حضرت علیؓ کی فدائیت اور جانثاری
حضرت علیؓ نے زندگی بھر اس تعلّق کا حق خوب ادا کیا ۔ چنانچہ اہل مکہ نے باہم مشورہ کرکے جب رسول اکرمؐ کے گھر پر حملہ آور ہوکرآپؐ کو قید کرنے یا قتل کا منصوبہ بنایا۔ تو وحی الہٰی سے آپؐ کو دشمنوں کے اس ارادے کی اطلاع ہوگئی۔ ہجرت مدینہ کا حکم ہوا تو حضورﷺنے احتیاطی تدبیر کے طور پر حضرت علیؓ کو اپنے بستر پر استراحت کا حکم دیا۔حضرت علیؓ رسول اللہﷺ کی سرخ چادر اوڑھ کرلیٹ گئے۔(6) تاکہ دشمنوں کو آپؐ کے مکہ چھوڑنے کا علم نہ ہو۔
ساری رات مشرکین نے حضرت علی ؓ کو نبی کریمﷺسمجھ کرحراست میں لئے رکھا۔صبح وہ آپؐ کو گرفتار کرنے کے لئے لپکے تو آپؐ کی جگہ حضرت علی ؓ کودیکھ کر سخت مایوس ہوئے۔ (7)
اس دوران حضرت علی ؓ پر اسی طرح سنگ باری کی جاتی رہی جس طرح رسول اللہﷺپر سنگباری کی جاتی تھی۔ (8)
علی الصبح جب مشرکین نے رسول اللہﷺکی جگہ حضرت علی ؓ کو پایا تو پہلے ڈانٹ ڈپٹ کر آپ ؓ سے رسول اللہ ﷺکا اتہ پتہ پوچھتے رہے ۔انہیں زدوکوب بھی کیا۔پکڑ کر خانہ کعبہ میں لے گئے اور کچھ دیر محبوس رکھا۔ جب حضرت علیؓ نے کہا کہ میں رسول اللہ ﷺپر نگران نہیں تھا۔ تم نے انہیں مکّہ سے نکل جانے کا کہا اور وہ چلے گئے تب کہیں آپؓ کی جان چھوٹی۔(9)
حضرت علیؓ کا بائیس سال کی عمر میں رسول کریمﷺکی خاطر اپنی جان کو یوں خطرے میں ڈالنا ان کے اخلاص و فدائیت کو خوب ظاہرکرتا ہے۔انہیںبجاطورپر حفاظت و خدمت رسول ؐ کی اپنی اس سعادت پرفخر تھا اپنے منظوم عربی کلام میں کیا خوب فرماتے ہیں:۔
وَقَیْتُ بِنَفْسِی خَیْرَمَنْ وَطِیَٔ الحَصَا
وَمَن طَافَ بِالبَیتِ العَتِیقِ وَبِالحَجَر
وَبَاتَ رَسُولُ اللّٰہِ فِی الغَارِآمِنًا
مُوقی وَفِی حِفظِ الِالٰہِ وَفِی سِترِ
وَبِتُّ اُرَاعیھِم وَلَم یَتِّھِمُونِی
وَقَد وَطَّنتُ نَفسِی عَلَی القَتلِ وَالاَسرِ
یعنی میں نے اپنی جان فدا کرکے وادی بطحا پر قدم رنجافرمانیوالی بہترین ہستی کی حفاظت کی۔ ہاں اس وجود کی جو بیت اللہ اور حجر کا طواف کیا کرتاتھا۔
خدا کے رسول نے غار(ثور)میں بے خوف کفارسے بچ کراللہ کی حفاظت وامان میں رات بسرکی۔ اور میں نے دشمن کی نگرانی کرتے ہوئے رات گزاردی اس طرح(نڈرہوکر) کہ وہ مجھ پر کوئی تہمت نہیں لگاسکے۔دراں حالیکہ میں نے اپنے آپ کو قتل اور قید کے لئے تیارکرلیا تھا۔
رسول اللہﷺ کے ارشادکے مطابق حضرت علیؓ دوتین روز کے بعد اہل مکہ کی امانتیں لوٹاکر ہجرت کرکے مدینہ آئے اور نبی کریمؐ کے ساتھ فروکش ہوئے۔سفر ہجرت میں بھی بہت تکلیف اٹھائی راتوں کو سفر کرتے اور دن چھپ کر گزارتے ، پیدل چلنے سے پائوں زخمی ہوگئے مدینہ پہنچے تو رسول اللہﷺ انہیںدیکھ کر رو پڑے اور گلے لگالیا۔(10)
رسول کریمﷺ نے مکہ میں مہاجرین کے درمیان مؤاخات قائم کرتے ہوئے اور پھر ہجرت کے بعد مدینہ میں مواخات کے موقع پر حضرت علیؓ کو اپنا بھائی اورساتھی قرار دیتے ہوئے فرمایاتم دنیا اور آخر ت میں میرے بھائی ہو۔(11)
غزوہ بدر میں شرکت اور بہادری
بدر کا معرکہ پیش آیا تو رسول اکرمﷺ ۳۱۳ جاں نثاروں کے ساتھ مدینہ سے نکلے آگے آگے دو عَلَمْ تھے۔ ایک جھنڈا حضرت علیؓ کے ہاتھ میں تھا۔(12) بدر کے قریب پہنچے تو رسول اکرمﷺ نے حضرت علیؓ کی سرکردگی میں ایک دستہ دشمن کی نقل وحرکت معلوم کرنے کے لئے روانہ فرمایا۔ انہوں نے نہایت حکمت عملی کے ساتھ یہ خدمت سرانجام دی۔ ۱۷ رمضان المبارک کو مسلمان اورکفار میدان بدر میں آمنے سامنے ہوئے۔ سردارانِ قریش نے مبارزت طلب کی پہلے تین انصاری مقابلے کے لئے نکلے۔ قریش نے مطالبہ کیا کہ ہمارے ہم پلّہ قبیلہ قریش کے مردوں کو مدمقابل لایا جائے۔ تب رسول اللہ ﷺنے فرمایا’’کھڑے ہوجائو اے حمزہؓ او راے علیؓ تم مقابلہ پر نکلو۔‘‘
حضرت علیؓ سفیدپٹکے میں نمایاں تھے۔ ارشاد رسولؐ کی تعمیل میں یہ سربکف جوان میدان میں اترکراپنے شکارپر جھپٹا۔ اپنے حریف ولید کا ایک ہی وار میں خاتمہ کردیا پھر عبیدہ کی مدد کو بڑھے اور ان کے حریف شیبہ کو بھی ختم کرکے دم لیا۔ جب مشرکین نے اپنے سرداروں کو یوں قتل ہوتے دیکھا تو مسلمانوں پر عام حملہ کردیا۔ اس موقع پر شیر خدا حضرت علیؓ نے خوب بہادری کے جوہر دکھائے اور دشمنوں کی صفوں کی صفیں الٹ کررکھ دیں۔
روایت ہے کہ حضرت علیؓ بہادر سورما کی طرح دشمن کی صفوں پرٹوٹے پڑتے تھے اور کہتے جاتے تھے کہ اب یہ واپس مکّہ جاکر وہاں کی کھجوریں کبھی نہ کھائیں گے۔
سرولیم میور نے حضرت علیؓ کی اس بہادرانہ شان کو یوں خراج تحسین پیش کیا ہے کہ’’ میدان بدر میں علیؓ اپنے لمبے اور سرخ پھُریرے کے ساتھ اور زبیرؓ اپنی شوخ رنگ کی چمکتی ہوئی زردپگڑی کے ساتھ بہادران الیڈ کی طرح جہاں بھی جاتے تھے۔دشمن کے واسطے گویا موت و پریشانی کا سامان ساتھ لے جاتے تھے۔ یہ وہ نظارے تھے جہاں بعد کی اسلامی فتوحات کے ہیروتربیت پذیر ہوئے۔‘‘(13)
حضرت فاطمہؓ سے شادی
۲ہجری میں حضرت علیؓ نے رسول اللہ ﷺکی خدمت میں حضرت فاطمہؓ سے عقد کی درخواست کی جسے حضورﷺ نے بخوشی قبول فرمایا۔حضرت علیؓ نے حق مہر میں اپنی ایک اونٹنی مالیتی480درہم اور زرہ مالیتی 20درہم کل پانچ صد درہم پیش کی۔ نبی کریمؐ نے ہدایت فرمائی کہ اس رقم کا ایک حصّہ خوشبو وغیرہ کے لئے، دوسرا حصّہ کپڑوں کے لئے اور تیسرا حصّہ دیگر اخراجات میں صرف ہو۔(14)
اس بابرکت نکاح کا اعلان خودرسول کریمﷺنے فرمایاجس میں مہاجرین وانصار کے بزرگ شامل ہوئے۔ رسول کریمﷺنے خطبہ میں اللہ کی حمد کے بعدفرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے نکاح فرض قراردیا ہے اور اس کے ذریعہ رحمی رشتے قائم فرمائے ہیں ۔قضاء وقدرکے مضمون کی طرف اہم اشارے فرماکر آپؐ نے اعلان نکاح فرمایا۔ حضرت علی ؓ سے رضامندی لی پھر چھوہاروں کا ایک طشت تقسیم کروایا اورحضرت علی ؓ اورفاطمہؓ کونیک نسل کی دعا دی۔اور حضرت فاطمہؓ سے فرمایاتمہارا شوہر دنیا و آخرت میں سردار ہوگایہ میرے اولین صحابہ میں سے اور علم و حلم میں دوسروں سے بڑھ کر ہیں۔حضرت اسمائؓ بنت عمیس کہتی تھیں کہ مجھے وہ نظارہ خوب یاد ہے جب رسول کریمؐان دونوں کیلئے بوقت رخصتی خاص دعا کر رہے تھے۔(15)
رسول پاک ﷺنے دونوں میاں بیوی پر اپنے وضو کا پانی چھڑک کر دعائے خیردی۔حضرت فاطمہؓ کو آنحضرت ؐ نے نہایت سادگی سے رخصت فرمایا۔ گھریلو ضرورت کی چند چیزیں چارپائی بسترچادر آٹے کی چکی پیالہ اور چھاننی، مشکیزہ اوردوگھڑے ساتھ دئے۔ یہ تھی بوقت شادی سرکار دوعالم کی صاحبزادی کی کل کائنات ۔ حضرت علیؓ کی زندگی بھی درویشا نہ تھی۔ دعوت ولیمہ تک کے لئے پاس کچھ نہ تھا۔ چنانچہ جنگل سے گھاس کاٹ کر شہر میں بیچی اور ولیمے کے لئے رقم اکٹھی کرنے کا ارادہ کیا۔ مگر جب یہ بھی ممکن نہ ہواتوخودرسول کریم ﷺ، حضرت سعدؓ اور بعض اور صحابہ کی اعانت سے پروقار ولیمہ کی تقریب ممکن ہوئی۔ جو کھجورمنقہ جَو کی روٹی پنیر اور شوربے کی دعوت تھی۔ اس زمانے کے اقتصادی حالات اور غربت و سادگی کا اندازہ حضرت اسماء ؓ کی اس روایت سے لگایا جاسکتا ہے ۔آپؓ فرماتی تھیں کہ اس زمانے میں اس دعوت ولیمہ سے بہتر کوئی ولیمہ نہیں ہوا۔(16)
ایک دن حضرت علیؓ نے حضرت فاطمہؓ سے کہا کہ کنوئیں سے پانی کھینچ کھینچ کر میرے توسینے میں درد ہونے لگا ہے۔ آپ کے اباّ کے پاس کچھ قیدی آئے ہیں، جاکر درخواست کرو کہ ہمیں بھی ایک خادم عطاہو۔ فاطمہؓ کہنے لگیں خدا کی قسم! میرے تو خود چکی پیس پیس کر ہاتھوں میں گَٹّے پڑگئے ہیں۔ چنانچہ وہ نبی کریمؐ کے پاس آئیں۔ آپؐ نے پوچھا کہ کیسے آنا ہوا؟ عرض کیا کہ سلام عرض کرنے آئی ہوں۔پھر انہیں حضورﷺسے کچھ مانگتے ہوئی شرم آئی اور واپس چلی گئیں۔ حضرت علیؓ نے پوچھا کہ کیاکرکے آئی ہو؟وہ بولیں کہ میں شرم کے مارے کوئی سوال ہی نہیں کرسکی۔تب وہ دونوں حضورؐ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور حضورؐ کی خدمت میں اپنا حال زار بیان کر کے خادم کے لئے درخواست کی۔رسول کریمﷺنے فرمایا خدا کی قسم ! میں تمہیں دے دوں اوراہل صُفّہ (غریب صحابہ) کو چھوڑدوں؟جو فاقہ سے بے حال ہیں اور ان کے اخراجات کے لئے کوئی رقم میسر نہیں۔ان قیدیوں کو فروخت کر کے میں ان کی رقم اہل صفّہ پر خرچ کروں گا۔ یہ سن کر وہ دونوں واپس گھر چلے گئے۔ رات کو نبی کریمﷺان کے گھر تشریف لے گئے۔ وہ اپنے کمبل میں لیٹے ہوئے تھے۔ رسول اللہﷺکو دیکھ کر وہ اُٹھنے لگے تو آپؐ نے فرمایا۔اپنی جگہ لیٹے رہو۔پھر فرمایا جو تم نے مجھ سے مانگاکیا میںاس سے بہتر چیز تمہیںنہ بتائوں؟انہوں نے کہا ضرور بتائیں۔ آپؐ نے فرمایا یہ چند کلمات ہیں جو جبریل ؑنے مجھے سکھائے ہیں کہ ہر نماز کے بعد دس مرتبہ سبحان اللہ، دس مرتبہ الحمدللہ اور دس مرتبہ اللہ اکبر پڑھا کرو۔ جب رات بستر پر جائو توتینتیس مرتبہ سبحان اللہ ،تینتیس مرتبہ الحمدللہ اورچونتیس مرتبہ اللہ اکبر پڑھاکرو۔حضرت علیؓ فرماتے تھے جب سے رسول اللہﷺ نے مجھے یہ کلمات سکھائے میں انہیں آج تک پڑھنا نہیں بھولا۔کسی نے تعجب سے پوچھا کہ جنگ صفین کے ہنگاموں میں بھی نہیں بھولے؟ کہنے لگے ہاں جنگ صفین میں بھی یہ ذکر الہٰی کرنامیں نے یادرکھا تھا۔نبی کریمؐ نے ایک اور صحابی کو یہی تسبیحات سو کی تعداد میں پڑھنے کی نصیحت کی اور فرمایا کہ اس تسبیح کی برکت تمہارے لئے سو غلاموں سے بڑھ کر ہے۔
حضرت علی ؓ بیان کرتے ہیں کہ ایک دفعہ نبی کریمﷺرات کو ہمارے گھر تشریف لائے مجھے اور فاطمہؓ کو تہجد کے لئے بیدار کیا۔ پھر آپؐ اپنے گھر تشریف لے گئے کچھ دیر نوافل ادا کئے۔اس دوران ہمارے اٹھنے کی کوئی آہٹ محسوس نہ کی تو دوبارہ تشریف لائے ہمیں جگایا اور فرمایا اٹھو نماز پڑھو۔ حضرت علیؓ کہتے ہیں میں آنکھیں ملتاہوا اُٹھا اور بُڑبڑاتے ہوئے کہہ بیٹھا ’’خدا کی قسم ! جو نماز ہمارے لئے مقدر ہے ہم وہی پڑھ سکتے ہیں۔ ہماری جانیں اللہ کے قبضہ میں ہیں وہ جب چاہے ہمیں اُٹھادے۔‘‘رسول کریمﷺواپس لوٹے۔ آپؐ نے تعجب سے اپنی ران پر ہاتھ مارتے ہوئے میرا ہی فقرہ دہرایا کہ ہم کوئی نماز نہیں پڑھ سکتے سوائے اس کے جو ہمارے لئے مقدر ہے پھر یہ آیت تلاوت کی ’’‘‘(الکہف:55)کہ انسان بہت بحث کرنے والا ہے۔
نبی کریمﷺنے حضرت علی ؓ اور ان کے خاندان کو اہل بیت میں سے قرار دیا،انکے لئے دعائیں کیں ان کی اعلیٰ تربیت کی اور نیک توقعات رکھیں۔
روایت ہے کہ نبی کریمﷺچھ ماہ تک فجر کی نما زکے وقت حضرت فاطمہؓ کے دروازے کے پاس گزرتے ہوئے فرماتے رہے۔’’اے اہل بیت! نماز کا وقت ہوگیا ہے‘‘ اور پھرسورۂ احزاب کی آیت:33 پڑھتے کہ’’ اے اہل بیت ! اللہ تم سے ہر قسم کی گندگی دور کرنا چاہتا ہے اور تم کو اچھی طرح پاک کرنا چاہتا ہے۔‘‘
رسول کریمﷺنے حضرت علیؓ سے فرمایا کہ میں تجھے ایسے دعائیہ کلمات نہ سکھائوں جو تم پڑھو تو اللہ تعالیٰ کی مغفرت تمہیں نصیب ہو جائے ۔ انہوں نے عرض کیا ضرور بتائیں۔ آپؐ نے فرمایا یہ کلمات’’لَااِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ الحَلِیُم العَلِیمُ لَااِلٰہَ اِلَّااللّٰہُ العَلِیُّ العَظِیُم لَااِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ رَبُّ السَّمٰوَاتِ وَ رَبُّ العَرشِ العَظِیمِ‘‘(17)
یعنی اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں وہ حلم والا اور جاننے والا ہے اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں وہ بہت بلند اورعظیم ہے اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں وہ آسمانوں اور عظیم عرش کا رب ہے۔
غزوہ احد میں داد شجاعت
بدر کے بعد معرکہ احد میں بھی شیر خدا حضرت علیؓ نے کارہائے نمایاں سرانجام دیئے۔ جب مشرکین نے دوبارہ مسلمانوں پر حملہ کیااور اسلام کے علمبردار مصعب بن عمیرؓ شہیدہوگئے اس بھگدڑ میں کئی اصحاب کے پائوں اکھڑگئے۔ حضرت علیؓ ان میں تھے جوثابت قدم رہے۔ آپؓ نے موت پر رسول ؐ اللہ کی بیعت کی اور آگے بڑھ کر اسلامی جھنڈا سنبھالا۔ اور نہایت بے جگری سے لڑے۔(18)
مشرکین کے علمبردار سعد بن ابو طلحہ نے حضرت علیؓ کو للکارا۔ انہوں نے آگے بڑھ کر ایساوار کیا کہ وہ زمین پر ڈھیر ہوکر تڑپنے لگا۔حضرت علیؓ نے یکے بعد دیگرے کفار کے علمبرداروں کو تہ تیغ کیا۔رسول ؐ اللہ نے کفار کی ایک جماعت دیکھ کر حضرت علیؓ کو ان پر حملہ کرنے کا ارشاد فرمایا۔ حضرت علیؓ نے عمرو بن عبداللہ جمحی کو قتل کرکے انہیں منتشرکردیا۔پھرکفار کے دوسرے دستہ پرحملہ کرنے کا حکم فرمایا اور علیؓ نے شیبہ بن مالک کو ہلاک کیا۔رسول اللہ ﷺے فرمایا ہاں علیؓ مجھ سے اور میں علیؓ سے ہوں۔ اس موقع پر بھی آوازسنی گئی کہ لَافَتٰی اِلَّاعَلِی لَاسَیفَ اِلَّا ذُوالفِقَارِ۔ کہ ذوالفقار کے سوا کوئی تلوارنہیںاورعلیؓ کے سوا کوئی جوان مرد نہیں۔
حضرت علی ؓ بیان کرتے ہیں کہ احد میں بھگڈر کے بعد مجھے رسول اللہﷺنظر نہ آئے۔ میں نے مقتولین کی نعشیں بھی دیکھ ڈالیں جب آپؐ کو نہ پایا تو دل میں کہا کہ خدا کی قسم!رسولؐاللہ بھاگنے والے تو نہیں اور نہ ہی مقتولین میں ہیں۔ معلوم ہوتا ہے خدا نے ہم سے ناراض ہو کر انہیں اٹھا لیا ہے۔ اب تو بہتر یہی ہے کہ میں لڑ کر جان دے دوں۔چنانچہ میں نے لڑتے لڑتے تلوار کا اگلا سرا توڑ دیا۔ پھر حملہ کرکے آگے بڑھا تو کیا دیکھتا ہوں کہ رسول اللہ ﷺدشمن کے عین درمیان تھے۔
حضرت علیؓ نے غزوہ احدسے واپسی پر اپنی تلوار حضرت فاطمہؓ کے سپرد کی اسے سنبھال رکھیں آج یہ جنگ میں خوب کام آئی ہے۔ رسول اللہ ﷺنے سن کر فرمایا ’’ہاں!اے علیؓ! آج آپ نے بھی خوب تلوار زنی کی ہے،مگر فلاں صحابہ نے بھی کمال کر دکھایا۔(19)
مشرکین کے حملے کا زور ٹوٹا تو حضرت علیؓ چند صحابہ کے ساتھ آنحضرت ﷺکو احد پہاڑ کے دامن میں لے گئے۔ حضورؐ کا چہرہ خون آلودہ تھا۔آپ اپنی زرہ میں پانی بھر بھرلاتے اور حضرت فاطمہؓ آنحضرت ﷺکے زخم مبارک دھوتیں پھر بھی خون بند نہ ہوا تو چٹائی جلا کراس کی راکھ حضرت فاطمہؓ نے زخم میں ڈالی اور تب جا کر کہیں خون بند ہوا۔
غزوہ خندق میں
۵ہجری میں غزوہ خندق پیش آیا ۔ اس دوران میں ایک بار دشمن کے سواروں نے عرب کے مشہور اور بہادر پہلوان عبدودّکی سرکردگی میں خندق پار کرکے حملے کی کوشش کی۔
عبدودّاسلحہ سے لیس اور زرہ بند ہوکر مسلمانوں کومقابلہ کے لئے للکارنے لگا کہ کوئی ہے جو میرے مقابلہ پر آئے۔ حضرت علیؓ اٹھے تو رسول اللہﷺنے روک لیا۔ اس نے دوبارہ اور سہ بارہ للکارا تو حضرت علیؓ پھر اٹھے ۔ رسول اللہ ﷺنے فرمایا علی !یہ عرب کا مشہور پہلوان عمروبن عبدودّ ہے۔حضرت علیؓ نے کہا پرواہ نہیں اور پھربہادرانہ اشعار پڑھتے ہوئے آگے بڑھے۔ ا س نے پوچھا تم کون ہو؟ کہا علی بن ابی طالب۔اس نے کہا تمہارے چچائوں میں سے کوئی تم سے بڑا مقابلہ پر آتاتو بہتر تھا۔حضرت علی ؓنے مقابلہ پر آکر اسے مخاطب کرکے فرمایا کہ سنا ہے تم نے عہد کررکھا ہے کہ اگر قریش میں سے کوئی شخص تمہیں دوباتوں میں سے ایک قبول کرنے کے لئے کہے تو تم ضرور اسے قبول کرو گے۔ اس نے کہا ہاں۔حضرت علیؓ نے کہا تو پھر میں پہلے تمہیں قبول اسلام کی دعوت دیتاہوں۔ اس نے کہا مجھے اس کی ضرورت نہیں۔ حضرت علی ؓ نے کہاپھر آئو مقابلہ کرلو۔ وہ بولا۔بھتیجے! خدا کی قسم میں تمہیں قتل کرنا نہیں چاہتا۔حضرت علیؓ نے کہا مگر میں تمہیں قتل کرنا چاہتاہوں اس پر عمرو کو سخت طیش آیا وہ گھوڑے سے اُترکرحضرت علیؓ کے مقابلہ کے لئے بڑھا۔ اس کی تلوار سے جیسے آگ کے شعلے نکل رہے تھے ۔ وہ غضبناک ہوکرحضرت علیؓپر لپکا۔وہ اپنی ڈھال کے ساتھ آگے بڑھے۔ عمرو کی تلوارکا وارانہوںنے ڈھال سے روکا۔جو دوٹکڑے ہوکر رہ گئی ۔حضرت علیؓ کے سر میں کچھ زخم آیا۔انہوںنے عمروکو کندھے پر تلوارماری۔وہ بڑے زور سے کٹ کرزمین پرگرپڑاتوغبار اٹھی۔حضرت علیؓ نے نعرہ تکبیربلند کیا۔ رسول اللہ ﷺسمجھ گئے کہ انہوںنے دشمن کا کام تمام کردیا ہے۔ ان کی اس کامیابی پر رسول ؐ اللہ کا چہرہ خوشی سے دمک رہاتھا۔حضرت عمرؓ نے کہا اے علیؓ!اس پہلوان کی زرہ ہی اتار لیتے کہ وہ عرب کی بہترین زرہ استعمال کرتا تھا۔حضرت علیؓ نے کہا میرے مدمقابل کی پشت عریاں ہوگئی تھی جس کے بعد اس کی زرہ اتارتے ہوئے مجھے شرم محسوس ہوئی۔
معرکہ خندق میں عبدودّ کا قتل ہونا ایک بڑی زبردست کامیابی تھی جس کے نتیجے میں باقی حملہ آورمرعوب ہوئے اور بالآخرپسپاہوئے۔ قبائل یہود بنو نضیر اور بنوقریظہ کے اخراج اور ان کے حریف بنو سعد کی سرکوبی میں بھی حضرت علی ؓ نے نمایاں اور اہم کردار ادا کیا۔
غزوہ بنوقریظہ میں حضرت علیؓپہلے موقع پر پہنچ گئے تھے۔یہود نے رسول اللہﷺاور ازواج مطہرات کے خلاف نازیبا ہرزہ سرائی شروع کررکھی تھی۔ حضرت علی ؓ نے لوائے جنگ حضرت ابوقتادہؓ کے سپرد کرکے رسول اللہﷺ سے جاکر عرض کیا کہ آپؐ ان ناپاک لوگوں کے قریب نہ جائیں۔ رسول اللہﷺنے فرمایا ’’تمہیں خدشہ ہے کہ وہ بدزبانی کریں گے۔‘‘ عرض کیا جی ہاں۔ فرمایا ’’مجھے دیکھ کر وہ یہ جرأت نہیں کرسکتے۔‘‘(20)
حدیبیہ میں شرکت
۶ہجری میں صلح حدیبیہ میں بھی حضرت علیؓرسول اللہ ﷺکے شانہ بشانہ اوربیعت رضوان میں بھی شریک تھے۔ صلح نامہ بھی آپ نے ہی تحریر فرمایا۔ اس موقع پر آپ کی ایمانی غیرت کا نظارہ قابل دید تھا۔ جب معاہدہ میں رسول اللہ ﷺکے الفاظ لکھے جانے پر کفار نے اعتراض کیا کہ ہم محمد رسول اللہﷺ کو رسول نہیں مانتے اس لیے یہ الفاظ معاہدہ سے حذف کیے جائیں۔ رسول اللہﷺ نے قیام صلح اور امن کی خاطر یہ شرط مان لی تو حضرت علیؓ نے نہایت ادب سے عرض کیا کہ یارسول اللہﷺ میںاپنے ہاتھ سے رسول اللہﷺکالفظ مٹانے کی جرأت نہیں کرسکتا۔ رسول اللہﷺ نے خود اپنے دست مبارک سے لفظ رسول اللہﷺ معاہدہ سے حذف کیا۔(21)
فاتح خیبر
حضرت علیؓ شیرخدا کو فاتح خیبر ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ خیبر کی طرف اچانک پیش قدمی سے یہود سراسیمہ ہوکر محصور ہوگئے۔ رسول اللہﷺ روزانہ ایک شخص کوقائد لشکر مقرر فرماتے اور یہودیوں پر بھرپور حملہ کیا جاتا۔ وہ قلعے سے باہر آکر لڑتے اور جب پسپا ہوتے تو قلعہ کے دروازے بند کرلیتے یوں خیبر کی فتح ایک معمہ بن گئی۔ محاصرہ خیبر کی ساتویں رات تھی رسول کریمﷺنے اللہ تعالیٰ سے علم پاکر اپنے صحابہ کو یہ خوشخبری سنائی کہ کل میں جس شخص کو قائد مقررکرکے جھنڈا عطاکروں گا، خداتعالیٰ اس کے ہاتھ پر خیبر کو ضرورفتح کرائے گا۔وہ صحابہ جنہیں کبھی قیادت کی طلب نہیںہوئی تھی، اس رات یہ تمنا کررہے تھے کہ خیبر کی فتح کی سعادت انہیں عطا ہوجائے پھر اگلی صبح لوگوں نے یہ عجیب نظارہ دیکھا کہ رسول اللہؐ نے علم لشکر حضرت علیؓ کو عطافرمایا وہ آشوب چشم کے مریض تھے۔ رسول کریمﷺنے اپنا لعاب دہن اُن کی آنکھوں پرلگایا اس سے وہ اچھے ہوگئے۔حضرت علیؓ فرماتے تھے اس کے بعد کبھی مجھے آشوب چشم کی تکلیف نہیں ہوئی۔حضرت علیؓ علم لے کر خیبر فتح کرنے کے لئے نکلے۔ اللہ تعالیٰ نے بالآخر آپ کے ہاتھ پر خیبر کی فتح کی بنیاد رکھ دی۔ ہرچند کہ اس فتح میں رسول اللہ ﷺکی خاص توجہ دعائوں، قائدانہ صلاحیتیوں کو بنیادی اہمیت حاصل تھی جس کی بدولت فتح کی رات حضرت عمرؓ نے گشتی پہرے کے دوران یہود کے کچھ جاسوس پکڑے تھے۔ جن سے علاوہ جنگی رازوں کے درونِ خانہ دشمن کے کئی کمزور پہلوبھی سامنے آئے۔ مسلمانوں کے حوصلے اس سے بہت بڑھ گئے۔ اگلے روز حضرت علیؓ علم جنگ لے کرمیدان میں نکلے۔پہلے یہود خیبر کا سب سے بڑا پہلوان مرحب آپ کے مقابلہ کے لئے آیا۔ اس نے بڑے تکبر سے رجزیہ شعر پڑھے۔
عَلِمَت خَیبَرُ اَنِّی مَرحَبٗ شَاکِی السِّلاَحِ بَطَل مُجَرَّبٗ
کہ وادی خیبر کوعلم ہے کہ میں مرحب سردار ہوں اسلحہ سے لیس ایک تجربہ کار پہلوان۔جواب میں حضرت علیؓ نے بڑی شان کے ساتھ جواباً یہ شعر پڑھے۔
اَنَا الَّذِی سَمَّتنِی اُمِّی حَیدَرَہ ضِر غَامُ آ جَامٍ وَلَیثٍ قَسوَرَۃ
کہ میں بھی وہ ہوں جس کی ماں نے اس کا نام حیدر رکھا ہے اور میں نر شیرکی طرح حملہ آور ہوتا ہوں۔ یہ کہہ کرحضرت علیؓ آگے بڑھے اور مرحب کا مقابلہ کرتے ہوئے اس کا کام تمام کردیا۔ اس کے بعد حضرت علیؓ یہود کی صفیں پسپا کرتے ہوئے آگے بڑھتے چلے گئے یہاں تک کہ ان کے آہنی دروازوں تک پہنچ گئے۔خطرہ تھا کہ یہود حسب معمول اپنے آہنی دروازے بندکرلیتے اور ایک دفعہ پھرمسلمانوں کو پسپا ہونا پڑتا لیکن حضرت علیؓ نے نہایت حکمت عملی سے آگے بڑھ کر بڑے گیٹ کو اپنے ایک ہاتھ سے پوری قوت سے پکڑے رکھا تاکہ یہود اسے بند نہ کر پائیں۔ دوسرے ہاتھ سے وہ دشمن کامقابلہ کرتے رہے یہاں تک کہ آپ کے پیچھے آنے والے اسلامی لشکر کو قلعہ خیبر میں داخلے کا موقع مل گیا۔ یوں خیبر کی عظیم الشان فتح کا آغاز ہوگیا۔ اس کے بعد باقی قلعے آسانی سے فتح ہوتے چلے گئے۔
فتح مکہ کے موقع پر بھی مسلمانوں کی خاموش پیش قدمی کا راز افشاء ہونے کا اندیشہ ہوا تو نبی کریمﷺنے اللہ تعالیٰ سے علم پاکر اس قاصد عورت کو گرفتار کرنے کے لئے جو ایک خط لے کر کفار مکہ کی طرف جارہی تھی حضرت علیؓ کی سرکردگی میں ایک دستہ روانہ فرمایا۔ آپ اپنی اس مہم میں بھی نہایت کامیابی کے ساتھ واپس لوٹے۔
غزوہ حنین ایک عظیم الشان معرکے کے بعد مسلمانوں کو فتح ہوئی تو وہ مال غنیمت اکٹھاکرنے میں مصروف ہوگئے۔ دشمن کے تیرانداز مسلمانوں پر ٹوٹ پڑے۔اس افراتفری کے عالم میں بارہ ہزار کے لشکر میں سے رسول اللہﷺکے ساتھ جو چند بہادر ثابت قدم رہے۔ ان میں حضرت علیؓ نمایاں تھے۔ جنہوں نے غیر معمولی شجاعت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے امیر لشکر پر حملہ کرکے اس کاکام تمام کردیا۔ اور یوں دیگرمجاہدین اسلام کے ساتھ مل کر دشمن کے لئے شکست کے سامان پیدا کردیئے۔
۹ہجری میں رسول اللہﷺو نے غزوہ تبوک کا قصدفرمایا تو حضرت علیؓ کو امیرمدینہ مقررفرماکر اہل مدینہ کی حفاظت کی ذمہ داری آپؓ کے سپرد فرمائی۔حضرت علیؓ کو ایک طرف شرکت جہادکی محرومی کا غم تھا تو دوسری طرف منافقین کے طعنوں سے رنجیدہ خاطرتھے کہ آپ عورتوں اور بچوں کے ساتھ پیچھے چھوڑے جارہے ہیں۔ تب رسول پاکﷺنے ان خوبصورت الفاظ میں آپؓ کی دلجوئی کرتے ہوئے فرمایا ۔اَمَاتَرضٰی اَن تَکُونَ مِنّی بِمَنزِلَۃِ ہَارُونَ مِن مُوسٰی ۔۔۔الخ
کہ اے علیؓ کیا تو اس بات پر راضی نہیں کہ میری تجھ سے وہی نسبت اور قدرومنزلت ہو جو ہارونؑ کی موسیٰؑ کے نزدیک تھی۔ البتہ تم میرے بعد نبی نہیں ہوگے۔ دوسری روایت میں یہ الفاظ ہیں کہ میرے بعدنبی کوئی نہیںہو سکتا۔اس سیاق کلام سے ظاہر ہے کہ آپ کا مطلب یہ تھا کہ میری عدم موجودگی میں تم بطور امیر محض میرے جانشین ہوگے لیکن نبی نہیں ہوگے۔(22)
اعلان برأت
غزوہ تبوک سے واپسی پر ۹ ہجری میں رسول کریمﷺنے حضرت ابوبکرؓ صدیق کو امیر حج مقررفرمایا اس دوران سور ۃ برأت نازل ہوئی۔ جسے سورۃ توبہ بھی کہتے ہیں۔ رسول کریمؐ نے حضرت علیؓ کو ارشاد فرمایا کہ وہ حضورؐ کی نمائندگی میں مکے جاکر سورۃ سنائیں اور اس کے احکام کا اعلان عام کردیں۔حضرت علیؓ نے اس کی تعمیل کی اور یہ آپ کی عظیم الشان سعادت تھی جو رسول اللہﷺکی انتہائی قرابت کے علاوہ آپ کا دینی مرتبہ بھی خوب ظاہرکرتی ہے۔(23)
یمن میں خدمات
۹ہجری میں حج سے واپسی کے بعد نبی کریمﷺ نے مختلف اطرافِ عرب میں تبلیغی مہمات روانہ فرمائیں۔ حضرت برائؓبن عازب روایت کرتے ہیں کہ یمن کی طرف حضرت خالدؓ بن ولیدکو بھجوایاگیامیں انکے ہمراہ تھا۔چھ ماہ کی مسلسل کوشش کے بعدوہاں دعوت اسلام میں کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ ہوئی ۔ اس کے بعد حضرت علیؓ کو رسول اللہﷺنے روانہ فرمایااورخالدؓ کو واپس بلا لیا۔ حضرت براء ؓکہتے ہیں میں حضرت علیؓ کے ساتھ رہا۔ ہم یمن کے قریب پہنچے تو لوگ اکٹھے ہونے شروع ہوگئے۔حضرت علیؓ نے فجر کی نماز پڑھائی، خطاب فرمایا رسول اللہﷺکا پیغام پڑھ کر سنایا اور پورا قبیلہ ایک دن میں مسلمان ہوگیا۔ حضرت علی ؓ نے رسولؐاللہ کی خدمت میں یہ لکھاحضوؐر خوشی سے سجدہ میں گر گئے۔الغرض تھوڑے ہی عرصے میں رسول کریمﷺ کے اس تربیت یافتہ داعی الی اللہ نے اپنی تدابیر کے نتیجے میںپورے عمان قبیلے کو مسلمان کرلیا۔ یمن روانگی کے وقت حضرت علیؓ نے عرض کیا یارسول اللہﷺ!مجھے قضا کے بارہ میں کچھ زیادہ علم نہیں۔ رسول کریمﷺنے آپؓ کے سینہ پر ہاتھ مارا اور فرمایا اے اللہ!اس کے دل کو ہدایت اور زبان کو سداد عطا کر۔ حضرت علیؓ کہتے ہیں اس کے بعد کبھی مجھے دو فریق کے تنازعہ میں کوئی شک پیدا نہیں ہوا۔(24)
حجۃ الوداع میں شرکت
حجۃ الوداع کے موقع پر حضرت علیؓ یمن ہی سے مکہ تشریف لائے۔ اوررسول اللہﷺکے ساتھ اس یادگار آخری حج میں شرکت کی سعادت پائی۔ احرام باندھتے ہوئے آپ نے نیت بھی کیسی باندھی کہ جو نیت رسول اللہ ﷺ کی ہے، اسی کے مطابق میں بھی احرام باندھتا ہوں۔ رسول اللہﷺی نیت حج اور عمرہ دونوں کی تھی۔حضرت علیؓ کو بھی حج وعمرہ کی توفیق ملی۔حجۃ الوداع سے واپسی کے چند ماہ بعد ربیع الاول ۱۱ہجری میں رسول اللہ ﷺبیمار ہوگئے۔حضرت علی ؓ کو تیمارداری اور خدمت کی توفیق ملی۔(25) وفات رسولؐپرحضورﷺکے قریب ترین عزیزہونے کے باعث تجہیزوتکفین کے سب کام حضرت علیؓ کے زیر انتظام سرانجام پائے۔
خلفائے راشدین کے دور میں خدمات
حضرت ابوبکرؓخلیفہ ہوئے تو ان کی بیعت کے بعد حضرت علیؓ نے ان کے انصار و اعوان میںشامل ہونے کا شرف حاصل کیا۔ حضرت عمرؓاپنے دور خلافت میںاہم کام اور مہمات کے فیصلے حضرت علیؓ کے مشورے سے طے فرمایا کرتے تھے۔حضرت عمرؓ نے ایک مجنون عورت کے ہاں چھ ماہ بعد بچے کی ولادت کو ناجائز سمجھ کر رجم کا ارادہ کیا ۔ حضرت علیؓ نے مشورہ دیا کہ قرآن میں حمل اور دودھ چھڑانے کا عرصہ تیس ماہ اور دودھ پلانے کا دوسال یعنی چوبیس ماہ مذکور ہے اس لئے اصل مدت حمل چھ ماہ بھی ہوسکتی ہے۔ دوسرے اللہ تعالیٰ نے مجنون کومکلف نہیں ٹھہرایا۔ اس پر حد جاری نہ ہوگی۔اس پر حضرت عمرؓ نے فرمایا’’ اگر علیؓ نہ ہوتے تو عمر ہلاک ہوجاتا۔‘‘ (26)
حضرت عمرؓ کو جب بیت المقدس کا تاریخی سفر پیش آیا تو مدینہ میں اپنا قائم مقام حضرت علیؓ کو مقرر فرمایا۔بعد میں یہ تعلق مضبوط ہوکرقرابت میں بدل گیا۔جب حضرت علیؓ کی صاحبزادی ام کلثوم حضرت عمرؓ سے بیاہی گئیں۔ حضرت عمرؓ نے بھی اس نکاح کا مقصد خاندان اہل بیت سے رشتہ مصاہرت کا اعزاز پانا ہی قراردیا۔
حضرت عثمانؓ غنی کے زمانہ خلافت میں حضرت علیؓ ان کے مشیر رہے اور فتنہ دور کرنے کے لئے مخلصانہ مشورے دئے۔حضرت عثمانؓ کے استفسار پر حضرت علیؓ نے نہایت ادب سے عرض کیاکہ ان فتنوں کا ایک اہم سبب اموال کی کثرت ہے جن پرحضرت عمرؓ کی طرح سخت گرفت ہونی چاہیے۔
حضرت عثمانؓ کے محاصرے کے وقت بھی حضرت علیؓ نے نہایت جرأت کے ساتھ محاصرین کو تنبیہ فرمائی کہ تمہارا یہ طریق نہ صرف اسلام بلکہ انسانیت کے بھی خلاف ہے۔ مگر شرپسندوں نے آپ کی آوازپر کان نہ دھرا۔پھر حضرت علیؓ نے رسول اللہﷺکا عمامہ پہنا اور تلوار ہاتھ میں لی۔ حضرت حسنؓ اور حضرت ابن عمرؓ آپ کے آگے تھے،مہاجرین و انصار کی ایک جماعت کے ہمراہ انہوں نے محاصرین پر حملہ کرکے انہیں منتشر کردیا۔ پھر حضرت عثمانؓ سے عرض کیا کہ اس معاملہ کا حل ان محاصرین کے مسلح مقابلہ کے سوا کچھ نہیں جو خلیفہ وقت کے قتل کے در پے ہیں۔ مگرحضرت عثمانؓ نے قسم دے کر فرمایا کہ’’ میںاپنی خاطر کسی مسلمان کا سنگی برابر خون بہانے کی بھی اجازت نہیں دوں گا۔‘‘حضرت علیؓ نے اپنی رائے پر اصرار کیاتو حضرت عثمانؓ پھر وہی جواب دیا ۔ حضرت شدادؓ بن اوس کہتے ہیں پھر میں نے حضرت علیؓ کو حضرت عثمانؓ کے گھر سے نکلتے ہوئے دیکھا وہ کہہ رہے تھے، ’’اے اللہ تو جانتا ہے کہ ہم نے اپنی تمام کوششیں صرف کر ڈالی ہیں۔‘‘پھر وہ نماز کیلئے مسجد نبوی تشریف لے گئے تو ان سے عرض کیا گیا کہ آپ نماز پڑھادیں۔حضرت علیؓ نے فرمایا ’’ایسی حالت میں جبکہ ہمارا امام اور خلیفہ محصور ہے میں تمہیں نمازنہیں پڑھا سکتا۔میں اکیلے نماز پڑھ لوں گا۔‘‘ پھر آپ تنہا نماز پڑھ کر واپس گھر تشریف لے گئے تو صاحبزادے نے جاکر اطلاع دی کہ محاصرین نے قصر خلافت کی دیوار کود کر حملہ کردیا ہے۔ حضرت علیؓنے رنجیدہ خاطر ہوکر کہا’’خدا کی قسم! وہ انہیں قتل کرکے دم لیں گے۔‘‘انہوں نے پوچھاحضرت عثمانؓ کا یہ انجام کیسا ہے؟فرمایاوہ جنت میں خدا کا قرب پانے والے ہیں ۔ جب پوچھا گیا کہ محاصرین کا کیا انجام ہوگا تو انہوں نے تین مرتبہ فرمایا خدا کی قسم وہ آگ میں ہیں۔اس کے بعد اپنے دونوں صاحبزادوں حضرت حسنؓ اور حسینؓ کوبھجوادیا کہ خلیفہ وقت کے پہرے اور حفاظت کی ڈیوٹی انجام دیتے رہیں۔(27)
انتخاب خلافت
حضرت عثمانؓ کی شہادت کے المناک واقعہ کے بعدموجود اصحاب رسولؐ اوردیگر سب لوگوں نے حضرت علیؓکی بیعت پراتفاق کااظہار کیا۔ آپؓ نے فرمایا یہ تمہارا حق نہیں ہے بلکہ بدر میں شامل ہونے والے بزرگ صحابہ کا حق ہے۔ وہ جس شخص کے بارے میں متفق ہونگے وہی خلیفہ ہونا چاہئے۔ چنانچہ تمام اصحاب بدرحاضرخدمت ہوئے اور عرض کیا کہ ہم سب آپ کو اس عہدہ کا زیادہ حقدارسمجھتے ہیں۔ہاتھ بڑھائیں اور ہماری بیعت لیں۔حضرت علیؓ نے پوچھا حضرت طلحہ ؓاورحضرت زبیرؓ کہاں ہیں؟ چنانچہ سب سے پہلے حضرت طلحہؓ نے آپ کی بیعت کی۔ پھر حضرت زبیرؓ اوردیگراصحاب نے بیعت کی۔(28)
دور خلافت
الغرض مہاجرین اور انصار کے اصرار پر آپ نے یہ ذمہ داری قبول کرلی۔ حضرت علیؓ کے دورخلافت پر نظر کرتے ہوئے خود حضرت علی ؓ کے اس تبصرے کونہیں بھولناچاہیے۔جب آپ سے کسی نے پوچھا کہ آپ کا دور اتنا پرآشوب اور پرفتن کیوں ہے؟انہوں نے کمال حاضرجوابی سے کیسا مُسکت جواب دیا کہ اس سے پہلے محمد ؐ اورآپؐ کے رفقاء کو میرے جیسے خدام میسر تھے۔ مجھے تمہارے جیسے ساتھی حاصل ہیں۔ مگر ان ناموافق حالات کے باوجود حضرت علیؓ نے بھرپور کوشش کی کہ خلافت کواستحکام نصیب ہو۔ اور عدل فاروقی پھر قائم کیا جائے۔
ایک دفعہ یہودنجران نے( جن کو حضرت عمرؓ نے جلاوطن کیا تھا)حضرت علیؓ سے واپسی کی اجازت چاہی۔ آپ نے اجازت نہ دی اور فرمایا حضرت عمرؓ سے بہتررائے کس کی ہوسکتی ہے؟حضرت علیؓقومی اموال کی پوری حفاظت فرماتے اور اس میں کوتاہی پر گرفت کرتے۔ رعایا کے ساتھ شفقت سے پیش آتے۔ان کے لئے ہمیشہ آپ کے دروازے کھلے رہتے۔ حضرت علیؓ کی دینی خدمات میں سب سے اول دعوت الی اللہ اورمسلمانوں کی مذہبی اور دینی تعلیم ہے۔ ایک دفعہ ایک ایرانی نے آپ کے حسن سلوک سے متاثر ہوکر کیا خوب کہا تھاکہ خدا کی قسم اس عربی نے تو نوشیرواں کی یاد تازہ کردی ہے۔
فضائل
حضرت علیؓ عشرہ مبشرہ میں سے تھے یعنی وہ دس صحابہ جنہیںرسول کریمﷺنے ان کی زندگی میں ہی جنت کی بشارت دی۔حضرت عمرؓفرماتے تھے کہ حضرت علیؓ کے تین فضائل ایسے ہیں کہ مجھے ان کا عطا ہونا سرخ اونٹوں کی دولت سے بھی زیادہ محبوب ہوتا۔ اول رسول اللہﷺ سے دامادی کا شرف دوسرے مسجد میں حضورؐ کے ساتھ ان کا گھر اور تیسرے خیبر میں فتح کا جھنڈا عطا ہونا۔(29)
حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلوی نے حضرت علیؓ کے فضائل پر رسول اکرمﷺکے ساتھ آپ کی انتہائی قرابت اور آپ کے فیض صحبت میں تربیت و پرورش اور حضورﷺکی لخت جگر کے ان کے عقد کی اہمیت کا ذکر کرکے لکھا ہے کہ ان فضائل میں کوئی صحابی بھی حضرت علیؓ کا ہم پلّہ نہیں ہے۔رسول کریمﷺ نے فرمایا’’ جس شخص کو میں پیارا ہوں اسے علیؓ بھی پیارا ہے۔ اے اللہ! جوعلیؓکو دوست رکھے اسکا دوست اور اس کے دشمن کا دشمن ہوجا ۔اس کی مدد کرنے والے کی مدد کر ۔‘‘حضرت ام سلمہؓ فرماتی تھیں کہ رسول اللہﷺ کی ناراضگی کے وقت حضرت علیؓ کے سوا کسی کوآپؐ سے بات کرنے کی جرأت نہ ہوتی تھی۔(30)
علمی مقام
رسول کریمﷺنے فرمایا ’’میں علم کا شہر ہوں اور علی اس کا دروزاہ ہے جو علم کا قصد کرے وہ اس کے دروازے پر آئے۔‘‘ایک دفعہ رسول کریمﷺسے عرض کیا کہ مجھے کوئی وصیت کریں۔ آپؐنے فرمایا کہ کہو میرا رب اللہ ہے پھر اس پر ثابت قدم ہوجائو۔ حضرت علیؓ نے عرض کیا یارسول ؐ اللہ ! میں نے یہ تو کہہ دیا کہ اللہ میرا رب ہے باقی میری توفیق اللہ سے ہی ہے اسی پر میرا توکل ہے اور اس کی طرف میں جھکتا ہوں۔ رسول کریمﷺنے خوش ہو کر فرمایا اے ابوالحسن! علم تمہیں مبارک ہو۔ تمہیں علم کا شربت پلایا گیا ہے اور تم نے بھی خوب سیر ہوکر پیا ہے۔
حضرت علیؓ نے آنحضرت ﷺ سے قرآن سیکھا اور یادکیا تھا۔آپ معانی قرآن اورآیات کے شان نزول سے خوب واقف تھے۔ فرمایا کرتے تھے کہ میں ایک ایک آیت کے بارے میں یہ بیان کرسکتا ہوں کہ کون سی آیت کب کہاں اور کس کے بارے میں اتری۔ وفات رسولؐ کے بعد آپ نے ایک عرصہ خدمت قرآن میں گزاردیا اور قرآنی سورتوں کو نزول کے لحاظ سے ترتیب دینے کی سعادت پائی۔آیات کی تفسیر و تاویل کے بارے میں ان سے اس کثرت سے روایات مروی ہیں کہ اگر ان کو جمع کیاجائے تو ایک جامع تفسیر قرآن بن جائے۔
ایک دفعہ کسی نے حضرت علیؓ سے پوچھا کہ قرآن کے سوا بھی آپ کے پاس کچھ ہے۔ انہوں نے کیا خوب جواب دیا کہ ’’میرے پاس قرآن کے فہم اورا س کی قوت کے سوا کچھ بھی نہیں۔‘‘ درحقیقت دیکھا جائے تو تمام علوم فہم قرآن کریم کے ہی تو خادم ہیں۔ چنانچہ قرآن کے تابع دیگر علوم حدیث وفقہ اور قضا کے بارے میں آپ کو غیرمعمولی علم حاصل تھا۔علم تصوف اور فن خطابت میں بھی آپ کا پایہ بہت بلند ہے۔ آپ کی طرف کئی اشعار بھی منسوب ہیںجیسے غزہ خیبر کے رجزیہ اشعار۔علم نحو یعنی عربی کلمات پر اعراب اور زیروزبر کے موجد بھی حضرت علی ؓ تھے۔(31)
شہادت
حضرت علی ؓکی شہادت بھی تقدیر الہٰی تھی جس کی خبر رسول کریمﷺ نے اپنی زندگی میں انہیں دی اور صبر کی تلقین فرمائی تھی۔ حضر ت علی ؓ جب مدینہ سے کوفہ جانے لگے تو حضرت عبداللہؓ بن سلام نے روکنا چاہا اور کہا’’ مجھے آپ کی جان کے بارہ میں خطرہ ہے اور رسولؐاللہ نے مجھے یہ خبر دی تھی۔‘‘ خود حضرت علیؓ نے بھی شہادت سے قبل اپنی داڑھی کے خون آلود ہونے کا ذکر کیا کہ رسول اللہﷺ نے اس کی پیشگوئی فرمائی تھی۔چنانچہ حضرت علیؓ کو بدبخت عبدالرحمان بن ملجم خارجی نے فجر کی نماز پر آتے ہوئے شہید کردیا۔ بعض روایات کے مطابق اس نے دوران نماز حضرت علی ؓپر حملہ کیا۔ یہ دردناک سانحہ دراصل گروہ خوارج کی اس گہری سازش کا نتیجہ تھا جو ایک ہی دن میںصبح کی نماز پر کوفہ میں حضرت علیؓ کو مصر میں حضرت عمرو ؓبن العاص اور شام میں حضرت معاویہؓپرقاتلانہ حملہ کے بارے میں تیار کی گئی۔کوفہ کی ایک خارجی عورت بھی اس میں شریک تھی۔ جس نے قاتل سے حضرت علیؓکے قتل کے شرط پر نکاح کا وعدہ کیا تھا۔قاتلوں نے اپنا منصوبہ بناتے ہوئے یہ جائزہ بھی لیا کہ حضرت علیؓ اکیلے نمازوں پر تشریف لاتے ہیں۔ ان کے لئے کسی حفاظتی پہرہ کا کوئی انتظام نہیں اس لئے نماز پر آتے ہوئے حملہ کیا جائے۔ قاتل نے اپنے معاون کومدد کیلئے تیار کرنے کی خاطر دنیامیں شہرت اور آخرت میں جنت کے خوب وعدے کئے ۔ پھر رمضان کے آخری عشرہ کی ایک فجر کو وہ حضرت علیؓ پر حملہ آور ہوگئے۔پہلے ا بن ملجم کے ساتھی نے حملہ کیا جو خطا گیا پھر اس نے تلوار سے حملہ کیا اور کہا حکومت اللہ کی ہے تیری اور تیرے ساتھیوں کی نہیں۔ حضرت علیؓ نے تلوارکا وارلگتے ہی فُزتُ وَرَبِّ الکَعبۃِ کا نعرہ بلند کیا کہ رب کعبہ کی قسم! میں کامیاب ہوگیا۔پھر فرمایا یہ شخص جانے نہ پائے چنانچہ اسے پکڑ لیا گیا۔حضرت علیؓ نے فرمایا یہ قیدی ہے اس کی عزت کرو اور اچھی جگہ رکھو ۔اس کے تین دن بعد حضرت علیؓ کی وفات ہوگئی۔(32)حضرت امام حسنؓ نے حضر ت علیؓ کی شہادت پر تقریر کرتے ہوئے کہا ’’اے لوگو! ایک ایسا شخص تم سے جدا ہوا کہ پہلے اس سے سبقت نہ لے سکے اور بعد میں آنے والے اس کا مقام نہ پاسکیں گے۔ رسول اللہ ﷺاسے جھنڈا عطا کرتے تھے اور جبریل و میکائیل اس کے دائیں بائیں لڑتے تھے۔ وہ فتح کے بغیر واپس نہ لوٹتا تھا اور اللہ نے اس رات اس کی روح قبض کی جس رات حضرت عیسیٰ ؑکی روح قبض ہوئی اور جس میں قرآن اترا یعنی27رمضان المبارک۔یہ 40ھ کا سال تھا۔ جس میں حضرت علیؓ کی وفات قریباًساٹھ سے پینسٹھ سال کی عمر میں ہوئی ان کا دور خلافت چار سال نو ماہ رہا۔‘‘(32)
دراصل حضرت علیؓ کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے سفر واپسی کا اشارہ ہو چکا تھا۔آپ ؓ قاتلانہ حملہ کے بعد تین روز تک زندہ رہے اگرچہ زخم بہت گہرا نہ تھا مگر زہر آلود تلوار کے اس وار سے آپ جانبر نہ ہوسکے۔علالت کے ان ایام میں عمروذی مر آپ کی عیادت کو آئے۔ آپؓ کا زخم دیکھ کر کہا کہ زخم بہت گہرا نہیں آپ اچھے ہوجائیں گے۔آپؓ نے فرمایا ’’نہیںمیں تم سے جدا ہونے والا ہوں۔‘‘ اس پر صاحبزادی ام کلثوم ؓ روپڑیں تو آپؓ نے فرمایا ’’بیٹی!جومیں دیکھ رہاہوں اگر تم دیکھ لیتیں تو نہ روتیں۔میں فرشتوں اور نبیوں کو دیکھ رہاہوں اور محمدؐ مجھے کہہ رہے ہیں اے علیؓ !تمہیں بشارت ہو کہ جہاں تم آتے ہو وہ اُس سے بہتر ہے جس میں تم ہو۔‘‘ آخری وقت میں حضرت علیؓ اپنی وصیت سے فارغ ہوئے تو سب موجود لوگوں کو الوداعی سلام فرمایا السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ ! اس کے بعد کوئی بات نہیں کی سوائے لَااِلٰہ اِلَّااللّٰہُ کے کلمہ کے یہاں تک کہ آپکی روح قبض ہوگئی۔آپ کے صاحبزادوں نے آپ کو غسل دیا اور حضرت امام حسنؓ نے نماز جنازہ پڑھائی۔ آپ کے پاس رسول اللہﷺ کا تبرک ایک خوشبو تھی جو آپ کی وصیت کے مطابق میت کو لگائی گئی۔
حضرت علیؓ کی وصیت کا ماحصل یہی تھاکہ’’ اللہ کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرانا اور محمدؐ کی سنت کو ضائع نہ کرنا اور اسلام کے دونوں ستونوں نماز اور زکوٰۃ کو قائم کرنا۔‘‘
جب آپ سے عرض کی گئی کہ اپنے بعد کسی کو جانشین مقرر کر دیں تو فرمایا کہ رسول اللہﷺ نے بھی کسی کو اپنا خلیفہ نامزد نہیں فرمایا تھا میں بھی نہیں کروں گا۔ عرض کیا گیا کہ اس بارہ میں آپ خدا کے حضور کیا جواب دیں گے؟فرمایا میںکہوں گا اے اللہ!تو نے مجھے جب تک چاہا ان لوگوں میں باقی رکھا پھر تو نے میری روح قبض کر لی اور تو خود ان میں موجود اور نگران تھا اگر تو چاہے تو انکی اصلاح فرمائے چاہے تو بگاڑ دے۔(33)
اولاد
حضرت فاطمہؓ الزہرہ بنت رسولؐ سے حضرت علیؓ کی اولاد دو صاحبزادے حضرت امام حسن ؓ ، امام حسینؓاور دو صاحبزادیاں حضرت زینبؓ کبریٰ اور ام کلثوم کبریٰؓ تھیں۔ اس کے بعد مختلف اوقات میں آٹھ ازواج اور دیگر امہات الولد سے چودہ لڑکے اور انیس لڑکیاں ہوئیں۔ آپ کی نسل پانچ بیٹوں سے چلی جو حسن و حسین کے علاوہ محمدبن الحنفیہ عباس بن کلایبہ اور عمر بن تغلبیہ ہیں۔ازواج کے نام یہ ہیں۔(1) حضرت خولہ ؓ بنت جعفر حنفیہ (2) حضرت لیلیٰ بنت مسعود تمیمیہ(3 )حضرت ام البنینؓ بنت حرام کلابیہ(4 )حضرت اسمائؓ بنت عمیس خثعمیہ (5) حضرت صہباء ؓبنت ربیعہ تغلبیہ (6 ) رسولؐاللہ کی نواسی حضرت امامہ بنت ابی العاص قریشیہ (7) حضرت ام سعیدؓبنت عروہ ثقفیہ (8) حضرت محیاۃ بنت امر القیس کلبیہ(34)
اخلاق فاضلہ
حضرت علیؓ نے نہایت اعلیٰ اخلاق آنحضرت ﷺہی کی تربیت میں تو سیکھے تھے۔ حضور پاکؐ کی پاک سیرت ہی آپ کے اخلاق تھے۔سادگی کا یہ عالم تھا کہ خود بیان کرتے تھے میری شادی حضرت فاطمہؓ سے ہوئی تو ہمارا بستر ایک مینڈھے کی کھال کے سوا کچھ نہ تھا۔ اسی پر ہم رات کو سوتے تھے اور دن کو اس پر اپنے جانور کو چارا ڈالتے تھے۔ میرے پاس اس کے سوا کوئی خادم نہ تھا۔حضرت علیؓ بیان کرتے ہیں کہ ایک دفعہ مدینہ کے شروع کی بات ہے ۔ مجھے سخت بھوک اورفاقہ کی تکلیف پہنچی،میں باہر نکلا تو ایک عورت نے مٹی جمع رکھی تھی وہ اسے گیلا کرکے گار بنانا چاہتی ہے میں نے اس سے ایک ڈول پانی کے عوض ایک کھجور لینے پر سولہ ڈول پانی نکال کر دئے ۔ جس سے میرے ہاتھ پر چھالے پڑ گئے۔ پھر پانی سے ہاتھ دھو کر اس سے سولہ کھجوریں لیں اور رسول کریمﷺکے پاس لے کر آیا۔ آپ ؐ نے میرے ساتھ وہ کھجوریں تناول فرمائیں۔ فرماتے تھے کہ ایک زمانہ تھا مجھے بھوک اور فاقہ کی وجہ سے پیٹ پر پتھر باندھنا پڑتا تھا اور آج میرے وقف اموال صدقہ وغیرہ کی آمد ہی چالیس ہزار درہم ہوتی ہے۔ جو خدا کی راہ میں خرچ کی توفیق ملتی ہے۔فراخی کے باوجود آپؓ کی سادگی میں کوئی فرق نہ آیا۔ عام لباس موٹی چادر کا تھا ایک دفعہ وہ پہنی ہوئی تھی کہنے لگے یہ صرف چار درہم میں خریدی ہے۔سفید ہلکی ٹوپی بھی استعمال فرماتے تھے۔انگوٹھی پر ’’اللہ الملک‘‘کندہ تھا کہ اللہ ہی بادشاہ ہے۔ (35 )
حضرت علی ؓ اللہ کی راہ میں خرچ کرنے کی بہت سعی کرتے تھے۔کبھی سائل کو خالی ہاتھ واپس نہ لوٹاتے۔انکسار کا یہ عالم تھا کہ ایک دفعہ حضرت فاطمہؓ سے کچھ تکرار ہوئی تو مسجد نبوی میں جاکر زمین پر لیٹ رہے نبی کریمؐ نے آکر پوچھا اورخود ان کے پیچھے مسجد گئے اور ان کو زمین پر لیٹے پاکر’’ ابوتراب‘‘ کی کنیت سے یاد فرمایا کہ مٹی کا باپ۔(36)
حضرت علیؓ بیت المال میں حضرت ابوبکرؓ کی طرح معاملہ کرتے تھے ۔ کوئی بھی مال آتا تو فوراً تقسیم کردیتے اور کچھ بچا کر نہ رکھتے سوائے ا سکے کہ اس روز تقسیم میں کوئی دقت ہو۔ نہ تو خود بیت المال سے ترجیحاً کچھ لیتے اور نہ کسی دوست یا عزیز کو ا س میں سے دیتے۔نیک دیندار اور امانت دار لوگوں کو حاکم مقرر فرماتے۔ خیانت پر سخت تنبیہ فرماتے۔خدا کے حضور عرض کرتے ’’اے اللہ تو جانتا ہے کہ میں نے انہیں تیری مخلوق پر ظلم کا حکم نہیں دیا تھا۔‘‘
کوفہ میں معمول تھا کہ دوچادروں کا مختصر لباس پہن کر درّہ ہاتھ میں لئے بازار میں گھوم رہے ہیں لوگوں کو اللہ کے تقویٰ اور سچائی کی تلقین کر رہے ہیں۔ اچھے سودے میں ماپ تول پورے کرنے کے لئے کہہ رہے ہیں۔ ایک دفعہ بیت المال میںجو کچھ تھا تقسیم کرکے ا س میں جھاڑو پھیر دیا۔ پھر دو رکعت نماز پڑھی اور فرمایا ’’امید ہے کہ قیامت کے د ن یہ میری گواہ ہوگی۔‘‘(36)
امانت و دیانت اورقناعت آپ کا شیوہ تھاحضرت عائشہؓ آپ کے بارے میں فرماتی تھیں کہ وہ بہت روزے رکھنے والے اور عبادت گزار تھے۔(37) زبیرؓ بن سعید قریشی کہتے ہیں کہ میں نے کسی ہاشمی کو آپؓ سے زیادہ عبادت گزار نہیں دیکھا۔(38) خدا کی راہ میں خرچ کرنے میں بھی آپ کو بلند مقام حاصل تھا۔ کبھی کوئی سائل آپ کے گھر سے خالی ہاتھ نہ لوٹا ۔ ایک طرف تواضع میں کمال حاصل تھا تو دوسری طرف شجاعت میں انتہا تھی۔ میدان جنگ میں شجاعت اور دشمن کے ساتھ حسن سلوک میں بھی مردانگی کی ایک شان تھی۔ اپنے قاتل ابن ملجم کے بارہ میں بھی فرمایا کہ اسے اچھا کھانا کھلائو اور اچھا بستر دو۔ اگر میں زندہ رہا تو خودا س کی معافی یا سزا کا فیصلہ کروں گااور اگر میں مر گیا تو اسے میرے ساتھ ملا دینا مگر اس کے ناک کان نہ کاٹنا۔
حضرت علیؓ بلند پایہ خطیب تھے۔ نہایت فصیح وبلیغ مؤثر وعظ فرماتے۔ خوارج سے مقابلہ کے زمانہ میں آپ کے خطبات مشہور ہیں جو نہج البلاغہ میں آپ کی طرف منسوب ہیں ا سمیں شک نہیں کہ حضرت علی ؓکے فضائل کے بار ہ میں مبالغہ سے بھی کام لیا گیا ہے جسے پیش نظر رکھنا چاہیے۔رسول ؐاللہ نے آپؓ سے بجا فرمایا تھا کہ’’ آپ کی مثال حضر ت عیسیٰؑ کی ہے کہ جس سے یہودی ناراض ہوئے اور عیسائیوں نے انہیںاصل مقام سے کہیں زیادہ بڑھا کر پیش کیا۔‘‘ خود حضرت علیؓ فرماتے تھے کہ میرے بارہ میںدو آدمی ہلاک ہونگے ایک محبت سے غلو کرنے والا،دوسرا جھوٹا اور بہتان تراش۔
ایک دفعہ حضرت امام حسنؓ سے کسی نے کہا بعض شیعہ جو(حبّ علیؓ کے دعویدار ہیں)یہ اعتقاد رکھتے ہیں کہ حضرت علیؓ ’’دابّہ الارض‘‘ہیں جن کے خروج کی قرآن میںپیشگوئی ہے اور وہ قیامت سے پہلے پھر ظاہر ہونگے۔ اس پر حضرت امام حسنؓ نے فرمایا وہ جھوٹ کہتے ہیں یہ لوگ ہرگز حضرت علیؓ سے محبت کرنے والے نہیں بلکہ ان کے دشمن ہیں۔ اگر ان کی بات درست ہوتی اور حضرت علی ؓ نے دوبارہ ظاہر ہونا ہوتا تو ہم انکی میراث تقسیم نہ کرتے اور نہ ان کی بیوگان کا آگے نکاح کرتے۔(39)
امیر معاویہ نے ضرار صدائی سے کہا کہ حضرت علیؓ کے اوصاف بیان کرو۔ اس نے کہا اے امیرالمومنین مجھے اس سے معاف فرمائیں۔ انہوںنے کہا تمہیں یہ بیان کرنے ہوں گے۔ وہ کہنے لگے کہ اگر آپ ضرور سننا ہی چاہتے ہیں تو پھر سنیں کہ
’’خدا کی قسم وہ بلند حوصلہ اور مضبوط قویٰ کے مالک تھے۔ فیصلہ کن بات کہتے اور عدل سے فیصلہ کرتے تھے ان کی جانب سے علم کا چشمہ پھوٹتا تھا او رحکمت ان کے اطراف سے ٹپکتی تھی۔ وہ دنیا اور اس کی رونقوں سے وحشت محسوس کرتے اور رات اور اس کی تنہائی سے انس رکھتے تھے۔ وہ بہت رونے والے ، لمبا غور و فکر کرنے والے تھے۔ چھوٹا لباس او رموٹا سادہ کھانا پسند تھا۔ وہ ہم میں ہماری طرح رہتے تھے۔ ہم سوال کرتے تو وہ ہمیں جواب دیتے اور جب ہم کسی خبر کی بابت دریافت کرتے تو ہمیں بتاتے۔ اور خدا کی قسم ہم ان کے ساتھ محبت و قرب کے تعلق کے باوجود ان کے رعب کی وجہ سے بات کرنے سے رکتے تھے۔ وہ دین دار لوگوں کی تعظیم کرتے اور مساکین کو اپنے پاس جگہ دیتے تھے ۔ طاقتور کو اس کے باطل موقف میں طمع کا موقع نہ دیتے اور کمزور آپ کے عدل سے مایوس نہ ہوتا۔ اور خدا کی قسم! میں نے انہیں بعض مقامات پر دیکھا جبکہ رات ڈھل چکی تھی اور ستارے ڈوب چکے تھے وہ اپنی داڑھی کو پکڑے ایسے مضطرب ہیں جیسے وہ شخص جسے سانپ کاٹ جائے اور وہ غمگین انسان کے رونے کی طرح روتے اور کہتے تھے اے دنیا!تومیرے علاوہ کسی اور کو دھوکا دے تو مجھ سے چھیڑ چھاڑ کرتی ہے یا میری مشتاق ہوتی ہے ۔ تجھ پر افسوس صد افسوس۔ میں تو تمہیں تین طلاقیں دے چکا ہوں جو واپس نہیں ہوسکتیں پس تمہاری عمر بہت محدود ہے اور تمہار امقصد بہت حقیر ہے ۔ آہ! زاد راہ کتنی کم اورسفر کتنا لمبا ہے اور راستہ کتنا وحشت ناک ہے۔یہ سن کر امیر معاویہ رو پڑے اور کہااللہ ابوالحسن پر رحم کرے خدا کی قسم! وہ ایسے ہی تھے۔ اے ضرار! تمہار ا غم ان کی وفات پر کیسا ہے ؟ضرار نے کہا اس ماں کی مامتا کا غم جس کا بچہ اس کی گود میں ذبح کر دیا جائے۔‘‘(40)
حضرت مسیح موعود ؑ فرماتے ہیں:۔
’’ حضرت علیؓ پاکباز اور متقی انسان تھے اور رحمان خدا کے محبوب بندوں میں سے تھے۔ اور خدائے غالب کے شیرتھے۔ آپ وہ بے مثال بہادر تھے میدان جنگ میں خواہ دشمنوں کی فوج سے مقابلہ ہو اپنے مرکز سے کبھی پیچھے نہ ہٹے۔ کئی معرکہ ہائے جنگ میں اپنی شجاعت کے حیرت انگیز جوہر دکھائے۔ اس کے ساتھ ساتھ آپ شیریں بیان او رمخلص انسان تھے۔ الغرض ہر ایک خوبی میں اور فصاحت وبلاغت میں کوئی آپ کا نظیر نہیں۔اور اللہ تعالیٰ کے مقرب بندوں میں سے تھے۔ علوم قرآنی میں آپ کو ایک سبقت حاصل تھی اور قرآنی نکات کے ادراک کا ایک خاص فہم آپ کو حاصل تھا اور میں نے خواب میں دیکھا کہ حضرت علیؓ نے مجھے کتاب اللہ کی ایک تفسیر دی ہے اور کہا کہ یہ میری تفسیر ہے اور آپ کو اوّلیت کا شرف حاصل ہے۔ جو آپ کو دیا گیا اُس پر آپ کو مبارک ہو۔ چنانچہ میں نے وہ تفسیر لے لی اور میں نے حضرت علیؓ کو پختہ اخلاق کا مالک اور تواضع اور منکسرالمزاج اور روشن اور روحانی انسان دیکھا اور خدا کی قسم انہوں نے مجھ سے ملاقات کی اور میرے دل میں ڈالا گیا کہ وہ مجھے اور میرے عقیدے کے بارے میں خوب جانتے ہیں اور مجھے علیؓ حسینؓ سے ایک خاص مطابقت ہے جس کا بھید سوائے خداکے اور کسی کو معلوم نہیں اور مجھے علیؓ اور اُن کے دونوں صاحبزادوں سے محبت ہے اور جوان سے دشمنی کرتے ہیں میں ان کا دشمن ہوا۔‘‘(41)
حوالہ جات
-1
استیعاب جلد 3ص 218،اصابہ جز4 ص269،اسد الغابہ جلد4ص 16
-2
الوفا لابن جوزی ص198
-3
مستدرک حاکم جلد۱ ص542،مکتبہ النصرالحدیثہ الریاض
-4
ابن سعد جلد 3ص21،استیعاب جلد3ص 199
-5
تفسیرطبری سورۃ الشعراء زیر آیت وانذرعشیرتک الاقربین
-6
ابن سعد جلد 1ص228
-7
مسند احمد جلد1ص348
-8
مستدرک حاکم جلد3ص134
-9
تاریخ طبری جلد 2ص373
-10
مستدرک حاکم جلد 3ص 4،ابن سعد جلد3ص22،و ابن ہشام جلد 2ص 98،اسد الغابہ جلد 4ص 19
-11
الاصابہ جز4ص269، استیعاب جلد 3ص 203
-12
ابن سعد جلد3ص23
-13
مجمع الزوائد جلد6ص81،لائف آف محمدصفحہ251،252
-14
بیھقی دلائل جلد7ص235وجلد3ص160وابن سعد جلد3ص 21تا23
-15
استیعاب جلد 3ص 203، زرقانی جلد2ص4
-16
مسنداحمدجلد5ص359 ومجمع الزوائد جلد4ص50
-17
مسنداحمدجلد1ص104،91،153 وابن سعد جلد8ص24،ترمذی کتاب التفسیر سورۃ الاحزاب، مسند احمد جلد 6ص 344،مجمع الزوائد جلد 9ص 119،120
-18
ابن سعد جلد3ص23
-19
مجمع الزوائد جلد6ص114،112،طبری جلد2ص574،کنز العمال جلد 5ص 274
-20
ابن ہشام جلد3ص241،مستدرک جلد3ص32
-21
ابن ہشام جلد3ص253، واقدی جلد2ص499،بخاری کتاب الجہاد باب المصالحہ
-22
مجمع الزوائد جلد 9ص 122،123،سیرت الحلبیہ جلد 2ص 38تا 41،بخاری مغازی تبوک
-23
بخاری کتاب التفسیر سورۃ برائ۔ استیعاب جلد 3ص216
-24
استیعاب جلد3ص 203
-25
بخاری کتاب الحج باب من احل فی زمن النبیؐ
-26
استیعاب جلد3ص 206
-27
اسد الغابہ جلد 4ص 38،ریاض النضرہ فی مناقب لعشرہ جلد 2ص 128
-28
اسد الغابہ جلد4ص 31،32
-29
مجمع الزوائد جلد 9ص 121،104
-30
مجمع الزوائد جلد 9ص 104،116،ازالۃ الخفاء
-31
منتخب کنزالعمال برحاشیہ مسند جلد5ص 48،اسد الغابہ جلد4ص 33۔استیعاب جلد 3ص 208تا210،بخاری کتاب الدیات و مسند احمد جلد4ص 79،100۔فہرست ابن الندیم
-32
استیعاب جلد 3ص 218،219۔ابن سعد جلد 3ص 35۔اسد الغابہ جلد 4ص 34۔مجمع الزوائد جلد 9ص 146۔اصابہ جز 4ص 271
-33
اسد الغابہ جلد4ص 38،39۔مجمع الزوائد جلد 9ص137،139
-34
ابن سعد جلد 3ص 19،20
-35
کنز العمال جلد 7ص 133۔اسد الغابہ جلد 4ص 33،24و استیعاب جلد 3
-36
مسلم کتاب المناقب باب مناقب علیؓ و مجمع الزوائد جلد 9ص 121۔استیعاب جلد 3ص 211،منتخب کنز العمال برحاشیہ مسند احمد جلد5ص 55
-37
ترمذی کتاب المناقب فضل فاطمہ
-38
مستدرک حاکم جلد 3ص 108
-39
استیعاب جلد 3ص 219،204،مسند احمد جز1ص 160ابن سعد جلد 3ص 39،منتخب کنز العمال برحاشیہ مسند جلد5ص 46
-40
استیعاب جلد 3ص 209
-41
سرالخلافہ روحانی خزائن جلد8ص 358(ترجمہ از عربی)


حضرت ابوعبیدہ ؓ بن الجراح
حلیہ و نام و نسب
لمبا قد، دبلا جسم، چھریرا بدن، روشن پیشانی، بارعب چہرہ، تیکھے نقش، خشخشی داڑھی۔ یہ ہیں عہدِ نبویﷺ کے نوجوان صحابی ابوعبیدہؓ بن الجراح۔ اصل نام عامر بن عبداللہ بن الجراح ہے۔ مگر دادا کی نسبت سے معروف ہیں اور نام سے زیادہ کنیت سے مشہور ہیں۔ سلسلہ نسب پانچویں پشت میں نبی کریمﷺسے مل جاتا ہے۔(1)
قبول اسلام و فضائل
حضرت ابوعبیدہؓ رسول اللہﷺکے دعویٰ نبوت کے بعد ابتدائی ایمان لانے والوں میں سے ہیں۔ انہیں کو دارارقم کے تبلیغی مرکز بننے سے بھی پہلے قبول اسلام کی سعادت نصیب ہوئی۔ آپ حضرت ابوبکرؓصدیق جیسے عظیم الشان داعی الی اللہ کی تبلیغی کوششوں کا شیریں پھل تھے ۔سیرتِ صدیقی کی گہری چھاپ ان کے اخلاق و شمائل میں نمایاں نظر آتی ہے۔ انہوں نے ایمان و اخلاص میں بہت جلد ترقی کی اور اصحاب رسول ؐمیں بہت بلند مقام پایا۔ آپؐ ان خوش نصیب دس صحابہ میں سے تھے جنہیں نبی کریمؐ نے اپنی زندگی میں جنت کی بشارت دی۔(2)
اللہ تعالیٰ نے حضرت ابوعبیدہؓ کو خوبصورت اخلاق اور کردار کے ساتھ قیادت کی اعلیٰ صلاحیتوں سے نوازا تھا۔ آنحضرتؐ نے ایک دفعہ ان کی اس خوبی کا تذکرہ کرتے ہوئے فرمایا کہ’’ خاندان قریش میں سے تین ایسے مردان حق ہیں۔ جو نہایت اعلیٰ اخلاق کے حامل، انتہائی حیادار اور مقامِ سیادت پر فائز ہیں۔ اور وہ ہیں ابوبکرؓ و عثمانؓ اور ابوعبیدہؓ بن الجراح۔‘‘(3)
پاکیزہ اوصاف کی بناء پر آپؐ ہمارے آقا و مولا حضرت محمد مصطفی ﷺ کو بہت محبوب تھے، ایک دفعہ حضرت عائشہؓ نے رسول خداؐ سے بے تکلف گھریلوگفتگو کے دوران پوچھا کہ آپ کو اپنے اصحاب میں سے سب سے پیارے کون ہیں؟ آپؐ نے فرمایا ابوبکرؓ، انہوں نے پوچھا پھر کون؟ فرمایا عمرؓ، حضرت عائشہؓ نے تیسر ی مرتبہ پوچھا پھرکون رسول کریمﷺنے جواب دیا ابوعبیدہ بن الجراحؓ(4)
بلاشبہ ابوعبیدہؓ سے رسول ؐخدا کی یہ للّٰہی محبت ان کے اخلاص و فدائیت ایثار اور خدمات دینی کے باعث تھی۔ انہوں نے عین عالم شباب میں اسلام قبول کیا اور اپنی جوانی خدمت دین میں گزار دی۔
ہجرت کا ابتلاء
اسلام قبول کرتے ہی حضرت ابوعبیدہؓ کو جس ابتلاء کا سامنا کرنا پڑا وہ مال و اولاد اور وطن کی قربانی کا ابتلاء تھا۔ مگر خدا کی خاطراور دین کو دنیا پر مقدم کرتے ہوئے کمال جواں مردی سے وہ اپنا سب کچھ چھوڑنے کے لئے تیار ہوگئے اور مکہ کو خیرباد کہہ کر دور دراز کے اجنبی دیس حبشہ کی طرف ہجرت کی۔ انہوں نے سفر کی صعوبتیں برداشت کیں، نئے ٹھکانے اور تلاش معاش کے دوران مشکلات اور خوف و ہراس کا سامنا کیا۔جب وہاںکچھ قدم جم گئے تو ہجرت مدینہ کا دوہرا امتحان پیش آیا۔ ان کی محبت رسول ؐ نے یہ گوارا نہ کیا کہ محبوب آقا تو مدینہ میں ہوں اور وہ حبشہ رہ کر آپؐ کے قرب اور پاک صحبت سے محروم رہیں۔ چنانچہ اس وطن ثانی حبشہ کو بھی خدا اور اس کے رسولؐ کی خاطر ترک کرکے مدینہ منورہ کی طرف دوسری ہجرت کی سعادت پائی اور دو ہجرتوں کے اجر اور ثواب کے حق دار ٹھہرے۔ جو بلاشبہ آپ کے لئے باعث اعزاز اور موجب فخر ہے۔ جس کااظہار دو ہجرتوں کا شرف پانے والے صحابہؓ بہت لطیف انداز میں کیا کرتے تھے۔ چنانچہ ایک دفعہ حضرت اسمائؓ بنت عمیس(جنہوں نے ہجرت حبشہ اورہجرت مدینہ دونوں کی سعادت پائی تھی) رسول اللہؐ سے ملاقات کے لئے ام المومنین حضرت حفصہؓ کے گھر آئیں۔ تھوڑی دیر بعد حضرت عمرؓ بھی حضورؐ سے ملنے حاضر ہوئے اور یہ معلوم کرکے کہ حضرت اسمائؓ وہاں موجود ہیں ان سے مخاطب ہوکر از راہ التفات فرمانے لگے کہ ’’اے اسمائؓ! ہمیں تم مہاجرین حبشہ پر مدینہ ہجرت کرنے میں اوّلیت حاصل ہے اور نبی کریمﷺسے تعلق اور محبت کے ہم زیادہ حقدار ہیں۔‘‘ حضرت اسمائؓ نے مہاجرین حبشہ کی نمائندگی کا حق خوب ادا کیا۔ کہنے لگیں ’’اے عمرؓ! آپ کا یہ دعویٰ ہرگز درست نہیں۔ آپ لوگ تو آنحضرتﷺکی معیت میں رہے۔ وہ آپ کے کمزوروں اور فاقہ زدوں کا خود خیال رکھتے اور حتی الوسع ان کی ضروریات خود پوری فرماتے تھے۔ جب کہ ہم اجنبی ملک حبشہ میں تھے جہاں کسی دل میں ہمارے لئے کوئی نرم گوشہ نہ تھا۔ ہم سخت اذیتوں سے گزرے اور خوف و ہراس سے دوچار ہوئے اور یہ سب کچھ خدا اور اس کے رسولؐ کی خاطر برداشت کیا(اور اب آپ ہمیں یہ طعنہ دینے لگے) خدا کی قسم! میرا کھانا پینا حرام ہے جب تک میں نبی کریم ؐ سے دریافت نہ کرلوں کہ حبشہ اور مدینہ ہجرت کرنے والوں میں کس کا درجہ زیادہ ہے۔‘‘ پھر واقعی حضرت اسمائؓ نے نبی کریمؐ کی خدمت میں حضرت عمرؓ کی بات کہہ سنائی۔ آنحضورؐ نے پوچھا کہ پھر تم نے عمرؓ کو کیا جواب دیا؟ حضرت اسمائؓ نے بلا کم و کاست اپنا فصیح و بلیغ جواب بھی عرض کردیا تو دربارِ رسالتؐ سے یہ فیصلہ جاری ہوا کہ ’’اے اسمائؓ! تم ٹھیک کہتی ہو۔ عمرؓ اور ان کے ساتھ مدینہ ہجرت کرنے والے محض اس قربانی کی بناء پر مہاجرین حبشہ سے زیادہ میرے تعلق محبت کے مستحق نہیں۔ اگر ان کی ایک ہجرت ہے تو بلاشبہ تمہاری دو ہجرتیں ہیں۔‘‘(جس کی بناء پر گویا تم دوہرے اجر اور ثواب کے مستحق ہو)۔(5)
مقام امین
ہجرتوںکی اس دوہری قربانی کے علاوہ حضرت ابوعبیدہؓ کی جس خوبی نے صحابہؓ میں ممتاز کیا وہ یہ تھی کہ آپ ارشاد ِ ربانی (المومنون:9) (یعنی وہ مومن کامیاب ہوگئے جو اپنی امانتوں اور اپنے عہد کی حفاظت کرنے والے ہیں)کے حقیقی مصداق تھے۔ حق یہ ہے کہ ایک مومن کامل کا یہی بلند و بالامقام ہے۔ چنانچہ بظاہر نحیف و ناتواں ابوعبیدہؓ اصحاب رسولؐ میں ’’القوی الامین ‘‘کے لقب سے یاد کئے جاتے تھے۔ یہ گویا ان کے حق میں زمانے کی شہادت تھی کہ وہ اپنی تمام امانتوں کے حق ادا کرنے میں خوب قادر تھے۔(6)
خلق خدا کی اس گواہی پر رسول خدا ﷺنے اپنی زندگی کے آخری سالوں میں اس وقت مہر تصدیق ثبت فرمائی، 9ہجری میں جب نجران کی عیسائی ریاست سے ایک وفد مدینہ آیا اور سالانہ خراج کی ادائیگی پر ان سے مصالحت ہوئی۔ اس موقع پر وفد نے رسول اللہﷺسے درخواست کی کہ ہمارے ساتھ خراج کی وصولی کے لئے ایک ایسا شخص بھجوائیں جو امانتوں کا حق خوب ادا کرنے والا ہو۔ آپؐ نے فرمایا: ’’ہاں! فکر نہ کرو میںضرور تمہارے ساتھ ایک نہایت امین شخص روانہ کروں گا۔‘‘ اس وقت مجلس نبویؐ میں ایک عجب کیفیت تھی جب صحابہ رسولؐ سر اٹھا اٹھا کر وفور شوق سے یہ معلوم کرنا چاہ رہے تھے کہ دیکھیں اب یہ سعادت کس خوش بخت کے حصہ میں آتی ہے ۔ انتظار کے لمحے ختم ہوئے اور رسول خدا ﷺنے فرمایا ’’ابوعبیدہ کھڑے ہوں‘‘ جب وہ اپنی نشست پرسے اٹھے تو ہمارے آقا و مولاکی زبان فیض ترجمان سے ابوعبیدہؓ کو ایک دائمی اور تاریخی سند عطاء ہوئی آپؐ نے فرمایا:
’’یہ ہے اس امت کا امین‘‘ اور پھر صحابہؓ کو مخاطب کرکے فرمایا ’’ہر امت کا ایک امین ہوتا ہے۔ اے میری امت کے لوگو! ہمارا امین ابوعبیدہؓ بن الجراح ہے۔‘‘(7)
حقیقت یہ ہے کہ امین الامت کا خطاب ابوعبیدہؓ کے لئے عظیم الشان اعزاز تھا جس میں دراصل ان کے پاکیزہ کردار کا خلاصہ بیان کردیا گیا۔ ان کے حق میں کیا خوب فرمایا’’کہ میں اپنے صحابہ میں سے ہر ایک کے کسی خلق پر گرفت کرسکتا ہوں سوائے ابوعبیدہؓ کے جو بہت عمدہ واعلیٰ اخلاق کے حامل ہیں۔‘‘(8)
ہر چند کہ امین الامت کا بلند پایہ خطاب پانے والے اس عظیم انسان کی سیرت و سوانح پر پہلے بھی اہل قلم نے خامہ فرسائی کی ہے۔ راقم الحروف نے’’ امین الامت‘‘ کی سیرت کا مطالعہ ادائیگی امانات کے اس اہم پہلو کے حوالہ سے کیا تو اس جوانِ رعنا کی سیرت ایک نئے حسین روپ میں جلوہ گر ہوئی۔ حضرت ابوعبیدہؓ بہت بھاری اموال کے بھی امین بنائے جاتے رہے، قومی امارت کی امانت بھی آپ کو سونپی گئی جس کے حق آپ نے خوب ادا کئے۔اس جگہ جملہ اخلاق فاضلہ کاحقِ امانت ادا کرنے کے لحاظ سے سیرت ابوعبیدہؓ کا تذکرہ کیا جارہاہے۔
بدر میں تاریخی شرکت
غزوہ بدر میں ایک سپاہی کی حیثیت سے آپ کی امانت کا امتحان یوں ہوا کہ مد مقابل لشکر کفار میں آپ کے بوڑھے والد عامر بھی برسرپیکار تھے۔ ابوعبیدہؓ ایک بہادر سپاہی کی طرح داد شجاعت دیتے ہوئے میدان کار زار میں آگے بڑھتے چلے جارہے تھے والد سے سامنا ہوگیا جو کئی بار تاک کر ان کو نشانہ بنانے کی کوشش کرچکا تھا، ذرا سوچئے تو وہ کتنا کٹھن اور جذباتی مرحلہ ہوگا کہ ایک طرف باپ ہے اور دوسری طرف خدا اور اس کا رسولؐ ہیں۔ جن کے خلاف باپ تلوار سونپ کر نکلا ہے، مگر دنیا نے دیکھا کہ ابوعبیدہؓ جیسے قوی اور امین کو یہ فیصلہ کرنے میں کوئی دقت نہیں ہوئی کہ خدا کی خاطر سونتی ہوئی شمشیر برہنہ نہیں رکے گی جب تک دشمنان رسول کا قلع قمع نہ کرلے خواہ وہ باپ ہی کیوں نہ ہو ۔ اگلے لمحے میدان بدر میں ابوعبیدہؓ کا مشرک والد عامر اپنے موحّد بیٹے کے ہاتھوں ڈھیر ہوچکا تھا۔ آفرین تجھ پر اے امین الامت آفرین! تو نے کیسی شان سے حق امانت ادا کیا کہ باپ کا مقدس رشتہ بھی اس میں حائل نہ ہوسکا۔ صحابہ اس تاریخی واقعہ پر وہ آیت چسپاں کرتے تھے جس میں اللہ تعالیٰ ایسے کامل الایمان مومنوں کی تعریف کرتا ہے جو خدا کی خاطر اپنی رشتہ داریاں بھی قربان کردیتے ہیں۔(9) اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:

(المجادلۃ: 23)
تو کوئی ایسی قوم نہ پائے گا جو اللہ اور یوم آخرت پر بھی ایمان لاتی ہو اور اللہ اور اس کے رسول کی شدید مخالفت کرنے والے سے بھی محبت رکھتی ہو خواہ ایسے لوگ ان کے باپ ہوں یا بیٹے ہوں یا بھائی ہوں یا ان کے خاندان میں سے ہوں جن کے دلوں میں اللہ نے ایمان نقش کردیا ہے اور اپنی طرف سے کلام بھیج کر ان کی مدد کی ہے اور وہ ان کو ایسی جنتوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی وہ ان میں رہتے چلے جائیں گے اللہ ان سے راضی ہوگیا وہ اللہ سے راضی ہوگئے وہ اللہ کا گروہ ہیں اور سن رکھو کہ اللہ کا گروہ ہی کامیاب ہوا کرتا ہے۔
غزوۂ احدمیں فدائیت
بدر کے بعد احد کا معرکہ پیش آیا۔ جبل احد نے بھی حضرت ابوعبیدہؓ کے قوی اور امین ہونے کی گواہی دی جب اس امانت رسالت کی حفاظت کا سوال آیا جو رسولؐ خداکی ذات کی صورت میں موجود تھی، ابوعبیدہؓ احد میں نہ صرف ثابت قدم رہے بلکہ کمال مردانگی اور فدائیت کا نمونہ دکھایا۔ حضرت ابوبکر صدیقؓ بیان فرماتے ہیں کہ’’ احد میں سنگباری کے نتیجہ میں آنحضورؐ کے خود کی دونوں کڑیاں ٹوٹ کر جب آپ ؐکے رخساروں میں دھنس گئیں میں رسول کریمﷺ کی مدد کے لئے آپؐ کی طرف لپکا۔ دیکھا کہ سامنے کی طرف سے بھی ایک شخص دوڑا چلا آرہا ہے۔ میں نے دل میں دعا کی کہ خدا کرے اس نازک وقت میں یہ شخص میری مدد اور نصرت کا موجب ہو۔ آگے جا کر دیکھا تو وہ ابوعبیدہؓ تھے جو مجھ سے پہلے حضورؐ تک پہنچ چکے تھے۔ انہوں نے صورتحال کا جائزہ لے کر کمال فدائیت کے جذبہ سے مجھے خدا کا واسطہ دے کر کہا کہ’’ حضور کے رخساروں سے یہ لوہے کی شکستہ کڑیاں مجھے نکالنے دیں‘‘ پھر انہوں نے پہلے ایک کڑی کو دانتوں سے پکڑا اور پوری قوت سے کھینچا تو وہ باہر نکل آئی۔ مگر ابوعبیدہؓ خود پیٹھ کے بل جاگرے اور ساتھ ہی آپ کا اگلا دانت باہر آگیا۔ پھر انہوں نے دوسرے رخسار سے کڑی اسی طرح پوری ہمت سے کھینچی تو اس کے نکلنے کے ساتھ آپ کا دوسرا دانت بھی ٹوٹ گیا اور آپ دوبارہ پشت کے بل گرے۔ مگر آنحضرتﷺکو ایک سخت اذیت سے نجات دینے میں کامیاب ہوگئے اور آپ کی حفاظت میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں ہونے دیا۔کہتے ہیں حضرت ابوعبیدہؓ کے سامنے کے دو دانٹ ٹوٹ جانے سے ان کا چہرہ اورخوبصورت ہوگیا اور لوگ کہا کرتے تھے کہ سامنے کے دو شکستہ دانتوں والا کبھی اتنا خوبصورت نظر نہیں آیا جتنے ابوعبیدہؓ۔(10)
احد کے بعد جملہ غزوات خندق، بنو قریظہ، خیبر، فتح مکہ حنین اور طائف وغیرہ کے معرکوں میں بھی حضرت ابوعبیدہؓ ایک مجاہد سپاہی کے طور پر خدمات بجالاتے ہوئے پیش پیش رہے۔(11)
امیر لشکر کی حیثیت سے بھی حضرت ابوعبیدہؓ نے اپنی امانتوں کا حق خوب ادا کیا۔ 6ہجری میں وہ قبیلہ ثعلبہ و انمار کی سرکوبی پر مامور کئے گئے اور کامیاب و کامران واپس لوٹے۔ ( 12)
ذات السلاسل کی قیادت اور تعاون باہمی
7ہجری میں غزوۂ خیبر کے بعد رسولؐ خدا نے ملک شام کے مشرق میں ذات السلاسل کی مہم پر حضرت عمر و بن العاصؓ کی سرکردگی میں ایک لشکر روانہ فرمایا ،جس میں کبار صحابہ کی نسبت اعراب اور بدّو وغیرہ زیادہ تھے۔ وہاں جا کر پتہ چلا کہ دشمن کی تعداد زیادہ ہے۔ اس لئے حضرت عمرؓ و بن العاص نے کمک طلب کی جس پر نبی کریمﷺنے حضرت ابوعبیدہؓ کی سرکردگی میں مہاجرین کا ایک دستہ ان کی مدد کے لئے بھجوایا، جس میں حضرت ابوبکرؓ و عمر ؓ بطور سپاہی شریک تھے۔رسول خداؐ نے خداداد بصیرت و فراست سے بوقت رخصت حضرت ابوعبیدہؓ کو نصیحت فرمائی کہ عمر وؓ بن العاص کے پاس پہنچ کر دونوں امراء باہم تعاون سے کام کرنا۔ مگر جب وہاں پہنچے تو حضرت عمر ؓوبن العاص نے اس خیال سے کہ ان کی امداد کے لئے بھجوائی گئی کمک ان کے تابع ہے حضرت ابوعبیدہؓ کے سپاہیوں کو ہدایت دے کر کام لینے لگے اور بزرگ مہاجرین صحابہ کی اس وضاحت کے باوجود کہ دونوں امراء اپنے دائرہ عمل میں بااختیار ہیں اور انہیں باہم مشورے اور تعاون سے کام کرنے کا حکم ہے۔ حضرت عمرو بن العاصؓ کو اپنے حق امارت پر اصرار رہا۔ اس نازک موقع پر امانتوں کے سفیر حضرت ابوعبیدہؓ کا مؤقف کیساپاکیزہ اور متقیانہ تھا۔ حضرت عمرو بن العاصؓ سے آپ نے فرمایا کہ’’ ہر چند کہ مجھے رسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک آزاد امیر کے طور پر بھجوایا ہے مگر ساتھ ہی باہم تعاون کا بھی ارشاد فرمایا۔ اس لئے آپ میری بات مانیں یا نہ مانیں میری طرف سے ہمیشہ آپ کو تعاون ہی ملے گا اور میں آپ کی ہر بات مانوں گا۔(13) دیکھئے ابوعبیدہؓ نے امارت کا حق امانت کس شان سے ادا کر دکھایا اور تعاون علی البر اور ایثار کا کیسا شاندارنمونہ دکھایا۔
8ہجری میں قریش کے بعض تجارتی قافلوں کی نقل و حرکت کا پتہ چلانے کے لئے رسول کریمؐ نے آپ کو ایک اہم رازدارانہ کی مہم سونپی جس میں تین صدصحابہ آپ کی سرکردگی میں ساحل سمندر کی طرف روانہ کئے گئے۔
وہ زمانہ بہت تنگی کا تھا اور حسب دستور زادراہ کے لئے ہر سپاہی نے جو کچھ کھجوریں وغیرہ پاس رکھی تھیں وہ ختم ہونے کو آئیں تو فاقہ کشی کے ان ایام میں انصاری سردار قیس بن سعدؓ کی طرف سے جودوسخا کا زبردست مظاہرہ ہوا۔ انہوں نے لشکر میں شامل بعض لوگوں سے واپسی مدینہ تک سواری کے اونٹ ادھار لے کر ذبح کروائے ہمراہیوں کو کھانا کھلانا شروع کیا۔ چندروز کے بعد حضرت عمرؓ نے سوال اٹھایا کہ سواریوں کے ختم ہوجانے پر آئندہ سفر کیسے جاری رکھا جاسکے گا؟ چنانچہ حضرت ابوعبیدہؓ نے مزید اونٹ ذبح کرنے سے حکماً روک کر ایک مناسب حال فیصلہ فرمایا۔ دوسری طرف فاقہ کش لشکر کے لئے خوراک کاانتظام بھی آپ کی ذمہ داری تھی۔ آپ نے تمام سپاہیوں کے پاس باقی ماندہ زادراہ اکٹھی کر کے راشن کی دو بوریاں اکٹھی کرلیں اور آئندہ کے لئے راشن کی تقسیم کا ایسا نظام جاری کیا کہ ہر سپاہی کو زندہ رہنے کے لئے کچھ نہ کچھ خوراک ملنے لگی۔ صحابہؓ بیان کرتے ہیں کہ بعض ایسے دن بھی آئے جب روزانہ ایک شخص کو بمشکل ایک کھجور ملتی تھی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ ایک کھجور کی قدر بھی ہمیںاس وقت آئی جب یہ اجتماعی زادراہ بھی ختم ہوگئی تو ہم نے درختوں کے پتے کھا کر گزارہ کیا اور جانوروں کی مینگنوں جیسا پاخانہ کرتے رہے۔
تب ایسے معلوم ہوتا ہے کہ امین الامت ابوعبیدؓہ کی اس عادلانہ تقسیم اور دعائوں نے خدا کی رحمت کو جوش دیا اور مولیٰ کریم نے ان فاقہ کشوں کی دعوت کا خود اہتمام فرمایا اور سمندر کو حکم دیا کہ ایک بہت بڑی مچھلی راہ مولیٰ میں بھوک برداشت کرنے والوں کے لئے ساحل پر ڈال دے۔ چنانچہ اس مچھلی کا گوشت اور تیل مسلسل کئی روز استعمال کرنے سے صحابہ کی صحت خوب اچھی ہوگئی۔ تین صد افراد کے لئے کئی روز تک خوراک بننے والی اس مچھلی کے متعلق طبعاً سوال پیدا ہوتا ہے کہ اس کی جسامت کیا ہوگی۔ حضرت ابوعبیدہؓ جیسے زیرک قائد نے اس الٰہی نشان کو محفوظ کرنے کا عمدہ انتظام بھی کردیا۔ انہوں نے ساحل چھوڑنے سے قبل مچھلی کے ڈھانچے سے دو پسلیاں لے کر زمین میں گاڑ دیں اور پیمائش کی خاطر ایک شترسوار کو نیچے سے گزارا تو وہ بآسانی گزر گیا۔(14)
الغرض اس سفر میں حضرت ابوعبیدہؓ کی قائدانہ صلاحتیں خوب نکھر کر سامنے آئیں۔ عملی زندگی میں امانتوں کی ادائیگی میں یہ اہتمام ابوعبیدہؓ کے لئے مزید خدمات کے مواقع مہیا کرنے کا موجب ہوا۔ چنانچہ اس کے بعد رسول کریمﷺنے حضرت ابوعبیدہؓ کو بہت اہم مالی ذمہ داریاں بھی تفویض فرمائیں۔
اموال بحرین کی امانت
8ہجری میں حکومت کسریٰ ایران کی باجگزار ریاست بحرین سے مصالحت ہوئی۔ حضرت علائؓ بن حضرمی وہاںامیر مقرر ہوئے۔(15)
حضرت ابوعبیدہؓ جزیہ کی امانتیں وصول کرکے مرکز اسلام مدینہ لانے کے لئے مامور ہوئے۔ ان کے صدق و امانت میں اللہ تعالیٰ نے ایسی برکت ڈالی کہ وہ بحرین سے ڈھیروں ڈھیر مال لے کر مدینہ آئے۔ انصار مدینہ کو خبر ہوئی تو وہ اگلے روز فجر کی نماز میں کثیر تعداد میں حاضر ہوئے۔ نماز فجر کے بعد نبی کریمؐ نے صحابہ سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ’’ معلوم ہوتا ہے تم لوگوں کو ابوعبیدہؓ کے آنے کی اطلاع ہوگئی ہے ۔سو تمہیں بشارت ہو کہ تمہاری مرادیں پوری ہوں گی۔ مگر یاد رکھو! مجھے تمہارے فقرو افلاس کا اندیشہ نہیں بلکہ دنیا تمہارے لئے اس طرح فراخ کر دی جائے گی۔ جس طرح پہلی قوموں کے لئے کی گئی۔ لیکن اس کے نتیجے میں بالآخر وہ ہلاک ہوگئے۔ مجھے ڈر یہ ہے کہ کہیں تمہارا بھی وہ حال نہ ہو۔‘‘(16)
امین الامت نجران میں
اموال بحرین کی امانتوں کا حق ادا کرنے کے بعد حضرت ابوعبیدہؓ کو نجران میں مالی امور کا امین بنایا گیا۔ چنانچہ 9ہجری میں جب نجران کا اعلیٰ سطحی وفد (جو حکومتی اور مذہبی نمائندوں پر مشتمل تھا) مدینہ آیا اور اہل نجران سے ان شرائط پر صلح ہوئی کہ
1- ’’دو ہزار حلّے(چادریں) وہ سالانہ دیا کریں گے ہر حلہ ایک اوقیہ مالیت کا ہوگا اور اوقیہ کا وزن چالیس درہم ہوگا۔
2- جو حلّے ایک اوقیہ سے زیادہ قیمت کے ہوں گے ان کی قیمت کی زیادتی حلّوں کی تعداد کی کمی سے اور جو کم قیمت ہوں گے ان کی قیمت کی کمی حلّوں کی تعداد کی زیادتی سے پوری کرائی جائے گی۔
3- اگر حلوں کی مالیت کے برابر اسلحہ، گھوڑے یا دیگر سامان دینا چاہیں تو قبول کرلیا جائے گا۔‘‘ (17)
اب ظاہر ہے ان شرائط پر عمل درآمد کروانا بھی ایک امانت دار شخص کا تقاضا کرتا تھا اور یہی سوال اہل نجران نے اٹھایا کہ اس معاہدے کی تعمیل کے لئے اپنا انتہائی امین شخص ہمارے ساتھ بھجوائیں۔ اس پر نبی کریم ؐ نے حضرت ابوعبیدہؓ کو امین الامت کا خطاب دے کر اس وفد کے ساتھ نجران روانہ فرمایا اور حضرت ابوعبیدہؓ نے یہاں بھی خوب امانت کا حق ادا کرنے کی توفیق پائی۔
انتخاب خلافت اولیٰ
10ہجری میں حضرت ابوعبیدہؓ حجۃ الوداع کے سفر میں بھی رسول اللہﷺکے ہم رکاب تھے۔ جس کے بعد ہمارے آقا و مولا نے سفر آخرت اختیار فرمایا۔ رسول اللہﷺکی وفات نے مسلمانوں کی زندگی پر ایک زلزلہ برپا کردیا اپنے آقا کی المناک جدائی کے صدمے سے مغلوب صحابہ رسولؐ بے چین اور بے قرار تھے اور مارے غم کے دیوانے ہوئے جارہے تھے۔ چنانچہ سقیفہ بنو ساعدہ میں انصار کے ایک سردار رسول اللہؐسے تعلق محبت کی بناء پر انصار میں سے امیر مقرر کئے جانے کا سوال اٹھا رہے تھے۔ اس موقع پر جب خلافت ایسی اہم امانت کی سپردداری کا مسئلہ زیر غور تھا۔ بزرگ صحابہ حضرت ابوبکرؓ، حضرت عمرؓ اور ابوعبیدہؓ نے انصار کو سمجھایا اور ہر ایک نے نہایت عجز اور انکسار سے اپنے بزرگ مہاجر بھائی کا نام پیش کرکے صدق دل سے اپنی بیعت پیش کی۔ حضرت ابوبکرؓ نے فرمایا: دیکھو تم میں عمرؓ موجود ہیں، جن کی ذات سے خدا نے دین کو معزز کیا اور تم میں ابوعبیدہؓ بھی ہیں جن کو امین الامت کا خطاب دیا گیا ان میں سے جس کے ہاتھ پر چاہو، بیعت کرکے اکٹھے ہوجائو۔‘‘(18)
حضرت عمرؓ نے اپنی معذرت پیش کرتے ہوئے ان دونوں بزرگوں کے نام لئے اور حضرت ابوبکرؓ کے طبعی پس و پیش کو دیکھ کر حضرت عمرؓ نے حضرت ابوعبیدہؓ سے یہاں تک کہا کہ ابوعبیدہؓ آپ بیعت لینے کے لئے ہاتھ بڑھائیں۔ میں نے نبی کریم ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا ہے کہ آپ اس امت کے امین ہیں۔ اس پر ابوعبیدہؓ نے اپنی رائے کا حق امانت یوں ادا کیا کہ’’ مجھے ہرگز ایسے شخص پر تقدم روا نہیں جنہیں آنحضرتﷺنے اپنی آخری بیماری میں ہمارا امام مقرر فرمایا اور حضورﷺی وفات تک انہوں نے ہمیں امامت کروائی۔‘‘(19)
پھر انصار صحابہؓ کو کیسی عمدگی سے سمجھاتے ہوئے فرمایا کہ دیکھو’’ اے انصار! تم رسول ؐاللہ کی نصرت کرنے والے اوّلین لوگ تھے۔ آج اس کو سب سے پہلے بدلنے والے نہ بن جانا۔‘‘(20)
الغرض خلافت اولیٰ کے انتخاب کے اہم اور نازک مرحلے پر بھی امین الامت حضرت ابوعبیدہؓ نے اپنے خطاب کی خوب لاج رکھی اور امانت کا حق ادا کر دکھایا۔
حضرت عمرؓ کو حضرت ابوعبیدہؓ کی عملی زندگی میں کامل امین ہونے پر جو بھرپور اعتماد تھا اس کا اظہار انہوں نے اپنی وفات سے قبل اپنی ایک دلی تمنا کے رنگ میں یوں کیا کہ اگر آج ابوعبیدہؓ زندہ ہوتے تو میں ان کو اپنے بعد خلیفہ مقرر کرجاتا اور اس کے بارہ میں کسی سے مشورہ کی بھی ضرورت نہ سمجھتا اور اگر مجھ سے جواب طلبی ہوتی تو میں یہ جواب دیتا کہ خدا اور اس کے رسولؐ کے امانت دار شخص کو اپنا جانشین مقرر کر آیا ہوں۔(21)
شاندار فتوحات اور مفتوحین سے حسن سلوک
خلیفہ اول حضرت ابوبکرؓ نے بھی اپنے دور خلافت میں حضرت ابوعبیدہؓ پر بھر پور اعتماد کرتے ہوئے ملک شام کے چاروں اطراف میں نبرد آزما تمام فوجوں کی کمان ان کے سپرد کی۔آپ کے ماتحت چاروں لشکروں کے امیر تھے۔متحدہ فوجوں نے فتح بصری و اجنادین کے بعد دمشق کا محاصرہ کیا تھا کہ حضرت ابوبکرؓ کی وفات ہو گئی۔
حضرت عمرؓ کے ابتدائی زمانہ خلافت تک یہ طویل محاصرہ جاری رہا ایک روز حضرت خالد بن ولیدؓکمال حکمت عملی سے منصوبہ بندی کر کے شہر کے ایک طرف سے فصیل پھلانگ کر اندر داخل ہو گئے اور شہر کے اس حصہ کے دروازے کھول دئیے آپ کی سپہ اندر داخل ہو گئی اور شہر کی دوسری جانب ابوعبیدہؓدروازہ توڑ کر اندر داخل ہونے میں کامیاب ہو گئے۔عیسائیوں نے جب یہ دیکھا کہ ابوعبیدہؓ شہر فتح کر لیں گے تو انہوں نے حضرت خالد ؓ کے لئے مشرقی دروازہ کھول کر ان سے تحریری صلح کرلی۔ اگرچہ یہ ان کی واضح دھوکہ دہی تھی کیونکہ ایک تو حضرت خالد ؓامیر نہ تھے دوسرے ایک طرف سے شہر مفتوح ہونیکی حالت میں پورے شہر کی طرف سے مصالحت کی تحریر لاعلمی میں لی گئی ہرچند کہ دھوکہ کے ساتھ کئے گئے اس معاہدہ صلح کی کوئی اہمیت نہیںتھی مگر حضرت خالدؓعیسائیوں کو جو امان دے چکے تھے۔ حضرت ابوعبیدہؓ نے اسے واپس لینا پسند نہ فرمایا۔اور مسلمانوں کو سمجھایا کہ بے شک خالدؓ امیر لشکر نہیں پھر بھی رسولؐاللہ کا ارشاد ہے کہ کسی ایک مسلمان کی طرف سے دی گئی امان تمام مسلمانوںکی طرف سے پناہ سمجھی جائے گی۔(22)چنانچہ نصف شہر دمشق کے مفتوح ہونے کے باوجود اہل شہر کو قیدی نہیں بنایا گیا اور نہ ہی مال غنیمت لوٹا گیا بلکہ مصالحت کے احکام جاری کرتے ہوئے اہل شہر کو مکمل امان دی گئی۔ایک روایت میں خالدؓ کے فاتحانہ طور پر بیت المقدس میں داخل ہونے اور ابوعبیدہؓ کے صلح کرنے کا ذکر ہے جو صحیح نہیں۔
حضرت عمرؓ نے جب حضرت خالدؓ کی بجائے حضرت ابوعبیدہؓ کو امیر لشکر مقرر فرمایا تو حضرت خالدؓ نے کمال اطاعت کا نمونہ دکھاتے ہوئے اعلان کیا کہ اے مسلمانو! تم پر اس امت کے امین امیر مقرر ہوئے ہیں۔ حضرت ابوعبیدہؓ نے کہا میں نے رسول اللہ ﷺکو فرماتے سنا ہے کہ خالد ؓخدا کی تلواروں میں سے ایک تلوار ہے۔
بااصول قائد
معرکہ فحل میں حضرت ابوعبیدہؓ کی خدمت میں جو رومی سفیر حاضر ہوا وہ رومی جرنیلوں کے مقابل پر اسلامی جرنیل کی سادگی دیکھ کر اول تو پہچان ہی نہ سکا۔ پھر ملاقات کر کے ان کی سادگی وقار اور رعب سے بہت متاثر ہوا۔
اسی موقع پر اس سفیر نے وہ تاریخی پیشکش بھی کی کہ آپ کے ہر سپاہی کو ہم دو اشرفیاں دیں گے اگر آپ لوگ یہیں سے واپس چلے جائو۔ حضرت ابوعبیدہؓ جیسے جری اورامین انسان اصولوں کا یہ سودا کیسے کر سکتے تھے؟چنانچہ اگلے روز دونوں فوجوںکے درمیان میدان جنگ میں بلا کارن پڑا ۔حضرت ابوعبیدہؓنے قلب لشکر میں رہ کر نہایت دانشمندی اور دلیری سے مسلمانوں کی قیادت کرتے ہوئے بہت بڑی رومی فوج کو شکست فاش دی۔
فتح حمص کے بعد لاذقیہ کا قلعہ بند شہر بھی ابوعبیدہؓ نے کمال دانشمندی سے اس طرح فتح کیا کہ مخفی طور پر کچھ خندقیں کھدوا کر اپنی فوج کا ایک حصہ وہاں چھوڑا اور باقی فوج کو کوچ کاحکم دیدیا۔ محصورین نے دیکھا کہ فوج پڑائو اٹھا چکی تو شہر پناہ کے دروازے کھول دیئے۔ ابوعبیدہؓ کی سپاہ خندقوں سے نکل کر شہر میں داخل ہو گئی۔(24 )
اسلامی عدل کا شاندار نمونہ
ان متواتر شکستوں کے بعد شہنشاہ روم نے ملک بھر سے فوجیں یر موک میں جمع کر لیں۔حضرت ابوعبیدہؓ نے مقابلہ کے لئے جرنیلوں سے مشورہ طلب کیا تو یہ تجویز پیش ہوئی کہ مفتوحہ علاقوں کی تمام فوجوں کو مقابلہ کے لئے اکٹھا کیا جائے مگر اس صورت میں مسلمان عورتوں اور بچوں کو مفتوح عیسائی باشندوں کے رحم وکرم پر چھوڑنا خطرے سے خالی نہ تھا اوردوسری طرف مفتوحہ علاقوں کے لوگوں سے جزیہ وخراج لے کر ان کی حفاظت کے وعدے کئے تھے۔چنانچہ اس نازک موقع پر امین الامت حضرت ابوعبیدہؓ نے جو تاریخی فیصلہ فرمایا وہ آپ کی شان امانت کو خوب ظاہر کرتا ہے آپ نے فرمایا کہ’’ مفتوحہ علاقوں سے فوجیں دمشق جمع ہوں اور وہاں کے باشندوں کو ان سے وصول شدہ جزیہ واخراج آپ نے یہ کہہ کر واپس کر دیا کہ فی الوقت ہم آپ کی حفاظت کی ذمہ داری ادا کرنے سے معزور ہیں اسلئے اپنی امانت واپس لے لو‘‘ چنانچہ حمص کے عیسائیوں اور دیگر مفتوحہ علاقوں کے لوگوں کو کئی لاکھ کی رقم واپس دی گئی ،اس بے نظیر عدل وانصاف اور ادائیگی امانت کا ان پر بہت اثر ہوا اور انہوں نے کہاتمہاری عادلانہ حکومت ہمارے لئے پہلے کی ظالمانہ حکومت سے بہت بہتر ہے۔اور مسلمان جب وہاں سے روانہ ہونے لگے تو مقامی عیسائی باشندے انہیں الوداع کرتے ہوئے روتے جاتے تھے اور دلی جوش سے یہ دعائیں کر رہے تھے کہ خدا تم کو پھر واپس لائے۔ یہودیوں نے تو یہاں تک کہا کہ تورات کی قسم جب تک ہم زندہ ہیں قیصر حمص پر قبضہ نہیں کر سکتا ۔ اسکے ساتھ ہی انہوں نے شہر پناہ کے دروازے بند کر دیئے اور ہر جگہ پہرہ بٹھا دیا۔(25)
میدان وغامیں دعوت الی اللہ
معرکہ یرموک سے پہلے فریقین میں سفارتوں کا تبادلہ ہوا تو جارج نامی رومی قاصد نے اسلامی لشکر گاہ میں آکر انہیں باجماعت نماز ادا کرتے دیکھا تو وہ متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکا پھر جب حضرت ابوعبیدہؓ نے اسلام کا پیغام اسے پہنچایا اور حضرت عیسیٰؑ کے بارہ میں سورہ نساء کی وہ آیات سنائیں جن میں آپ کو خدا کا رسول اور کلمۃ اللہ کہا گیا ہے تو جارج نے حق و صداقت کی گواہی دیتے ہوئے اسلام قبول کر لیا اور واپس جانے سے انکار کر دیا مگر امین الامت نے باصرار اسے اسلامی سفیر حضرت خالدؓکے ساتھ واپس جانے پر مجبور کیا اور یوں سفارت کے حق امانت پر بھی کوئی آنچ نہ آنے دی۔ان سفارتوں کے ناکام ہونے کے بعد ابوعبیدہ ؓ نے میدان یرموک میں اسلامی تاریخ کے سب سے بڑے معرکہ کی قیادت کی جس میں تیس ہزار مسلمانوں نے کئی لاکھ رومی فوج کو شکست فاش دی اور تین ہزار مسلمانوں کے مقابل پر ستر ہزار رومی مارے گئے۔(26)
بیت المقدس کی تاریخی فتح
بیت المقدس کی تاریخی فتح میں حضرت ابوعبیدہ ؓ نے اہم کردار کیا۔ حضرت عمروبن العاصؓکے محاصرہ بیت المقدس کے دوران عیسائیوں نے اس شرط پر صلح کی درخواست کی کہ خلیفۃُ المسلمین حضرت عمرؓخود آکر اس مقدس شہر سے معاہدہ صلح طے کریں چنانچہ حضرت ابوعبیدہؓ کی درخواست پر حضرت عمرؓ نے خود تشریف لا کر معاہدہ صلح فرمایا14ھ میں حضرت عمرؓ نے خالد بن ولیدؓ کی جگہ ابوعبیدہؓ کو والی دمشق مقرر فرمایا۔اسکے بعد ملک شام میں آپ ہی کے ذریعہ عہد فاروقی کی بہت ساری اصلاحات عمل میں آئیں۔ علاوہ ازیں حضرت ابوعبیدہؓ نے ایک عظیم الشان داعی الی اللہ کا کردار ادا کرتے ہوئے ایک طرف شام میں آباد عیسائی عربی قبائل تک اسلام کا پیغام پہنچانے کا انتظام کیا اور وہ آپ کی کوششوں سے مسلمان ہوئے۔ دوسری طرف شامی اور رومی عیسائی بھی آپ کے اخلاق و کردار اور عدل و انصاف سے متاثر ہو کر اسلام میں داخل ہوئے۔(27)
طاعون عمواس اور ابوعبیدہؓ کا مقام رضا بالقضاء
18ھجری میں حضرت ابوعبیدہؓ عمواس مقام پر پڑائو کئے ہوئے تھے کہ شام میں مہلک طاعون پھوٹ پڑی۔حضرت عمرؓ ملک شام کے دورہ پر نکلے تھے۔ سرغ کے مقام پر حضرت ابوعبیدہؓ نے آپؓکا استقبال کیا۔یہاں پر آکر پتہ چلا کہ طاعون اور شدت اختیار کر چکی ہے۔صحابہ کرام نے حضرت عمرؓ کو مشورہ دیا کہ وہ یہیں سے واپس چلے جائیں اور طاعون زدہ علاقے میں داخل نہ ہوں ورنہ وبالگ جانے کا خطرہ ہے۔(28)
حضرت عمرؓ خود رضا بالقضاء کے اعلیٰ مقام پر تھے ۔ آپ نے صحابہ کا مشورہ احتیاطی تدبیر کے طور پر بادل ناخواستہ قبول تو فرما لیا اور مدینہ واپس لوٹے لیکن برملا اظہار ضرور فرماتے رہے کہ عین ملک شام کے سر پر پہنچ کر ان لوگوں نے طاعون کی وجہ سے مجھے واپس آنے پر مجبور کیا حالانکہ میں خوب جانتا ہوں کہ نہ تو میرا وہاں سے واپس لوٹنا مجھے موت کے منہ سے بچا سکتا ہے اور نہ ہی میرا وہاں جانا مجھے میری موت کے مقررہ دن سے پہلے لقمہ اجل بنا سکتا تھا۔ مدینہ میں فرائض منصبی سے فارغ ہو کر جونہی مجھے موقع ملا میں جلد پھر شام کا قصد کرونگا۔(29)
مسئلہ تقدیر
سرغ میں انصار و مہاجرین سے حضرت عمرؓ کے مشورہ کے دوران یہ بحث چھڑی کہ حضرت عمرؓکو وباء زدہ علاقہ میں داخل نہیں ہونا چاہئے۔صحابہ کا ایک گروہ اسکے خلاف تھا ان میں حضرت ابوعبیدہؓ بھی تھے(جنہیں حضرت عمرؓ نے طاعون زدہ علاقہ چھوڑ کر اپنے ساتھ مدینہ چلنے کی بھی دعوت دی تھی مگر انہوں نے اسلامی فوج کے ساتھ رہنے کو ترجیح دی)حضرت ابوعبیدہؓ کی قلندرانہ رائے یہ تھی کہ حضرت عمرؓ کو دورہ مکمل کئے بغیر واپس نہیں جانا چاہئے۔چنانچہ انہوں نے کہا کہ کیا ہم موت سے بچنے کے لئے تقدیر سے بھاگیں گے؟حضرت عمرؓ نے جو مسئلہ تقدیر پر گہری نظر رکھتے تھے فرمایا کہ ابوعبیدہؓ مجھے آپ سے یہ امید نہ تھی (آپ میرے بارے میں یہ خیال کریں کہ موت سے بچنے کی خاطر یہ اقدام کر رہا ہوں)اور پھر انہیں مسئلہ تقدیر سمجھاتے ہوئے فرمایا کہ ہم اللہ کی ایک تقدیر سے دوسری تقدیر کی طرف جارہے ہیں اور ایک نہایت عمدہ مثال سے اسے یوں واضح فرمایا کہ اے ابوعبیدہ اگر آپ کو دو وادیوں میں اونٹ چرنے کا اختیار ہو جن میں ایک سر سبزو شاداب اور دوسری بنجر ہو اور آپ سر سبز وادی میں جانور چرائیں تو کیا یہ اللہ کی تقدیر سے نہیں ہو گا؟اسکے بعد حضرت عبدالرحمٰنؓبن عوف(جو موقع پر موجود نہیں تھے)نے آکر رسول اللہؐ کی ایک روایت سنا کر یہ مسئلہ واضح کر دیا۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے رسول اللہﷺسے سنا ہے کہ اگر تمہیں کسی علاقہ میں وبا کا پتہ چلے تو اس سرزمین میں داخل نہ ہو اور اگر تم پہلے سے اس علاقہ میں موجود ہو تو اس سے بھاگ کر مت نکلو۔اس پر حضرت عمرؓنے واپسی کے اپنے صائب فیصلہ پر اللہ کی حمد کی اور واپس روانہ ہوئے۔(30)
معلو م ہوتا ہے کہ حضرت ابوعبیدہؓ ،عبدالرحمان بن عوفؓ سے یہ حدیث سن کر اپنی اس رائے پر مزید پختہ ہو گئے کہ انہیں یہ وبا زدہ علاقہ چھوڑنا نہیں چاہئے۔ چنانچہ مدینہ واپس پہنچ کر حضرت عمرؓ نے جب آپ کو ایک خط کے ذریعہ کسی کام کے عذر سے مدینہ بلوا بھیجا ۔آپ نے یہ سمجھتے ہوئے کہ شاید طاعون سے بچانے کے لئے مجھے مدینہ بلوارہے ہیں عرض کیا کہ میں اسلامی لشکر کو چھوڑ کر آنا پسند نہیں کرتا حضرت عمرؓ نے آپ کو ہدایت فرمائی کہ اپنالشکر کسی پر فضا جگہ پر منتقل کریں۔ چنانچہ آپ نے اس کی تعمیل کی اور جابیہ منتقل ہو گئے۔( 31)
بیماری اور وفات
جابیہ میں خدا کی وہ تقدیر ظاہر ہو گئی جس کا ابوعبیدہؓ کو انتظار تھا۔ (عین ممکن ہے ان کا مدینہ نہ جانے پر اصرار بھی اس تقدیر الٰہی کا کوئی واضح اشارہ پانے کے نتیجہ میں ہو) حضرت ابوعبیدہؓ بیمار ہوئے تو معاذ بن جبلؓ کو اپنا جانشین مقرر فرمایا اور مسلمانوں سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ:
’’اے لوگو طاعون کی وبا بھی فی الحقیقت تمہارے رب کی رحمت اور تمہارے نبیؓ کی دعوت ہے۔ بہت سے نیک لوگ اس میں جاں بحق ہوئے اور ابوعبیدہؓ بھی اپنے رب سے یہی دعا کرتا ہے کہ وہ مجھے اس شہادت سے حصہ عطاء فرمائے۔ پھر اسی طاعون سے آپ کی وفات ہوئی۔(31)
اس طرح ابوعبیدہؓ کی شہادت کی وہ سچی تمنّا جو میدان جنگ میں پوری نہ ہوسکی تھی 58سال کی عمر میں طاعون کے ذریعہ خدا نے پوری فرمادی۔(32)
آپ کا جنازہ وصیت کے مطابق حضرت معاذ بن جبلؓ نے پڑھایا اور اس موقع پر صحابہؓ سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا:
’’اے لوگو آج تم سے ایک ایسا شخص رخصت ہوا ہے کہ خدا کی قسم مجھے یقین ہے کہ اس سے زیادہ صاف دل، پاک سینہ، سیر چشم، حیاء دار اور لوگوں کا بہی خواہ میں نے کوئی نہیں دیکھا۔ پس اٹھو اور اسکے لئے رحمت کی دعا مانگو۔‘‘(33)
واقعی حضرت ابوعبیدہؓ کی زندگی سادگی، عجزو انکسار، امانت و دیانت اور رعایا پروری کا خوبصورت نمونہ تھی۔
سادگی
آپ کی سادگی اور دنیا سے بے رغبتی کا ایک نظارہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب حضرت عمرؓ شام تشریف لے گئے۔ اسلامی فوجوں کے سالارِ اعلیٰ حضرت ابوعبیدہؓ سادہ کپڑوں میں ایک اونٹنی پر سوار ہو کر استقبال کے لئے نکلے۔ مگر جب حضرت عمرؓ نے دیگر مسلمان جرنیلوں کو شامی قبائیں پہنے دیکھا (جو انہوں نے خلیفہ وقت کے استقبال اور اعزاز کی خاطر زیب تن کی تھیں) تو اس اندیشہ سے کہ یہ لوگ امیرانہ ٹھاٹھ اور عجمی عادات اور اسراف کی عادات اختیار نہ کرلیں ان کو تنبیہہ فرمائی۔ مگر جب حضرت ابوعبیدہؓ کے ہاں فروکش ہوئے تو معاملہ برعکس تھا۔ وہاں ایک تلوار، ڈھال اور اونٹ کے پالان کے سوا کچھ نہ تھا۔ حضرت عمرؓ نے فرمایا: ابوعبیدہؓ کچھ گھر کا سامان ہی بنا لیا ہوتا۔ عرض کیا اے امیر المومنین ہمارے لئے بس یہی کافی ہے۔(34)
مجاہدین اسلام سے حسن سلوک
آپ اپنے اوپر کچھ خرچ کرنے کی بجائے اپنے مجاہدوں اور سپاہیوں کا بہت خیال رکھتے۔ ایک دفعہ حضرت عمرؓ نے آپ کو چارسو دینار اور چار ہزار درہم بطور انعام بھجوائے۔ آپ نے تمام رقم اپنی فوج کے سپاہیوں میں تقسیم کردی اور اپنے لئے ایک حصہ بھی رکھنا پسند نہ کیا۔ حضرت عمرؓ کو پتہ چلا تو بے اختیار کہہ اٹھے کہ الحمدللہ ابھی مسلمانوں میں ابوعبیدہؓ جیسے لوگ موجود ہیں۔(35)
بے نفسی
اس زہد اور بے نفسی کے باوجود خشیّت کا یہ عالم تھا کہ آخری بیماری میں ایک صحابیٔ رسولﷺ آپ کی عیادت کے لئے حاضر ہوئے۔ دیکھا کہ ابوعبیدہؓ رو رہے ہیں۔ پوچھا کیوں روتے ہیں؟ فرمایا اس لئے روتا ہوں کہ رسول کریم ﷺنے ایک دفعہ مسلمانوں کی فتوحات کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا تھا کہ اے ابوعبیدہ اگر تمہاری عمر وفا کرے اور فتوحات کے اموال آئیں تو تین خادم اور تین سواریاں تمہارے لئے کافی ہیں۔ اب میں دیکھتا ہوں کہ تم میں سے زیادہ غلام اور سواریاں ہیں۔ سوچتا ہوں کہ کس منہ سے اپنے آقا سے ملوں گا۔ آپ نے ہمیں وصیت فرمائی تھی کہ تم میں سے زیادہ میرے قریب اور میرا پیارا وہ شخص ہے جو مجھے اس حال سے آکر ملے جس حال پر میں چھوڑ کر جارہا ہوں۔(36)
حضرت ثابتؓ بنانی بیان کرتے ہیں ابوعبیدہؓ شامی فوجوں کے کمانڈر انچیف تھے۔ ایک دن افواج سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ ’’تم میں سے کوئی مجھے اپنے اوپر تقویٰ میں فضلیت نہ دے میں تو صرف یہ چاہتا ہوں کہ سلامت رہوں۔‘‘(37)
حضرت ابوعبیدہؓ کی دانشمندی بے نفسی اور قومی مفاد کو پیش نظر رکھنے کا وہ واقعہ بھی تاریخ میں ہمیشہ سنہرے حروف سے لکھا جائے گا کہ حضرت ابوعبیدہؓ کو حضرت عمرؓ کا خط ملا۔ جس میں حضرت ابوبکرؓ کی وفات کا ذکر تھا اور حضرت عمرؓ نے حضرت خالدؓ کو معزول کرتے ہوئے حضرت ابوعبیدہؓ کو امیرلشکر مقرر فرمایاتھا تو حضرت ابوعبیدہؓ نے خالدؓ کو وسیع تر قومی مفاد کے پیش نظر اس وقت تک اس کی اطلاع نہیں کی جب تک اہل دمشق کے ساتھ صلح نہ ہوگئی اور معاہدہ صلح پر آپ نے حضرت خالدؓ سے دستخط کروائے۔ حضرت خالد بن ولیدؓ کو بعد میںپتہ چلا تو آپ سے شکوہ کیا مگر آپ ٹال گئے اور ان کے کارناموں کی تعریف کرتے ہوئے انہیں مطمئن کردیا۔اسلامی جرنیل حضرت خالدؓنے اس موقع پر اطاعت خلافت کا شاندار نمونہ دکھاتے ہوئے کہا لوگو! تم پراس امت کے امین امیر مقرر ہوئے ہیں۔حضرت ابوعبیدہؓ نے جواب میں کہا میں نے رسول اللہﷺکو فرماتے سنا ہے کہ خالدؓ خدا کی تلواروں میں سے ایک تلوار ہے اور قبیلہ کا بہتریں نوجوان ہے۔(38)
رواداری
حضرت ابوعبیدہؓ کا حسن سلوک اپنوں سے ہی نہیں پرایوں اور بیگانوں سے بھی رواداری اور احسان کا تھا۔ چنانچہ شام کی عیسائی رعایا کو آپ نے مکمل مذہبی آزادی عطا فرمائی اور اسلامی فتوحات کے بعد مفتوحہ علاقوں میں عیسائیوں پر ناقوس بجانے اور صلیب نکالنے کی جو پابندیاں تھیں، آپ نے ان میں نرمی اور آزادی عطا فرمائی۔ جس کا عیسائیوں پر بہت نیک اثر ہوا۔
الغرض حضرت ابوعبیدہؓ کو رسول خدا ؐ نے امین الامت کاجو خطاب عطا فرمایا تھا انہوں نے اس کی خوب لاج رکھی۔ آپ کی ساری زندگی ادائیگی امانات کا خوبصورت مرقع اور بہترین تصویر نظرآتی ہے۔ تبھی تو حضرت عمرؓ آپ کو صحابہ رسول میں ایک ممتاز مقام کا حامل قرار دیتے تھے۔
ایک دفعہ حضرت عمرؓ نے اپنی مجلس میں ایک نہایت اچھوتے انداز میں حضرت ابوعبیدہؓ کے کمالات کا تذکرہ کیا۔ پہلے اپنے مصاحبوں سے فرمایا کہ اپنی اپنی خواہش اور تمنا بیان کرو کسی نے کہا میرا دل کرتا ہے کہ سونے چاندی سے بھرا ہوا میرا گھر ہو اور وہ راہ خدا میں صدقہ کردوں۔ کسی نے کچھ اور تمنا کا اظہار کیا۔ حضرت عمرؓ فرمانے لگے ’’میرا دل کرتا ہے کہ ایک وسیع گھر ہو جو ابوعبیدہؓ جیسے لوگوں سے بھرا ہوا ہو۔‘‘(39)
حوالہ جات
1-
اصابہ جز4صفحہ10-11
2-
اسد الغابہ جلد3 صفحہ84
3-
اصابہ جز4 صفحہ1-2
4-
اصابہ جز4 صفحہ12
5-
بخاری کتاب المغازی
6-
اسد الغابہ جلد3صفحہ85
7-
بخاری کتاب المغازی و کتاب المناقب
8-
فضائل الصحابہ جلد2 صفحہ741
9-
اصابہ جز 4 صفحہ11
10-
ابن سعد جلد3 صفحہ410و استیعاب جلد ص 342
11-
الاکمال ذکر ابوعبیدہؓ
12-
ابن سعد جلد3 صفحہ62
13-
اصابہ جز 4 صفحہ12
14-
بخاری کتاب المغازی
15-
فتوح البلدان
16-
بخاری کتاب الرقاق
17-
فتوح البلدان صفحہ70
18-
تاریخ یعقوبی جلد2 صفحہ123،استیعاب جلد 2ص 342
19-
فضائل الصحابہ جلد2 صفحہ741
20-
بخاری کتاب الرقاق
21-
الطبقات الکبریٰ جلد3 صفحہ413
22-
فتوح البلدان صفحہ127 و مسند احمد بن جلد1صفحہ195
23-
الفاروق صفحہ122-123
24-
فتوح البلدان صفحہ138-139
25-
فتوح البلدان صفحہ143-144
26-
فتوح البلدان صفحہ141
27-
الفاروق شبلی نعمانی صفحہ132
28-
بخاری کتاب الطب باب مایذکر فی الطاعون
29-
مسند احمد بن حنبل جلد1 صفحہ18-19
30-
بخاری کتاب الطب باب مایُذکرفی الطاعون
31-
مسند احمد بن حنبل جلد1صفحہ196
32-
اصابہ جز 4 صفحہ12
33-
اصابہ جز 4 صفحہ13
34-
اصابہ جز 4 صفحہ12
35-
ابن سعد جلد 3صفحہ413
36-
مسند احمد جلد 1صفحہ196
37-
اصابہ جز4 صفحہ12
38-
طبری جز 4 صفحہ254-255 بیروت،مسند احمد جلد 4ص 90
39-
ابن سعد جلد 3 صفحہ413

حضرت عبد الرحمنؓ بن عوف
حلیہ و نام ونسب
لمبا قد،سرخی مائل سفیدرنگ،خوبصورت چہرہ،باریک بھوئیں،بھری ہتھیلیاں،موٹی انگلیاں، نرم جلد،داڑھی اورسر کے بال رنگتے نہیں تھے۔یہ تھے عبدالرحمن عوف۔جن کا اصل نام عبدالکعبہ یاعمروبن عوف تھا۔ایمان لائے توآنحضر تﷺ نے عبدالرحمن نام رکھا جو ناموں میںآپ کو سب سے زیادہ پسند تھا۔آپ ان دس خوش نصیب بزرگ اصحاب میں سے تھے جنہیں رسول اللہ ﷺے اپنی زندگی میں جنت کی بشارت دی او رعشرہ مبشرہ میں شامل ہوئے ۔ ( 1 )
والد کا نام عوف اور والدہ کا نام صفیہ یا شفا تھا۔ دونوںزہرہ قبیلہ سے تعلق رکھتے تھے، کنیت ابو محمد تھی۔ نسب آٹھویں پشت میں رسول کریم ؐسے مل جاتا ہے۔ واقعہ فیل کے بعددسویں سال میںپیدا ہوئے۔(2)
قبول اسلام
رسول اکرم ﷺکے دعویٰ نبوت کے وقت آپ کی عمر تیس برس سے زائد تھی۔آپ ایک نیک مزاج اور پاک فطرت انسان تھے۔ زمانہ جاہلیت میں ہی شراب سے تائب ہو چکے تھے۔ نبی کریمﷺکے دعویٰ سے پہلے حضر ت عبدالرحمنؓ کی ملاقات اپنے تجارتی سفر کے دوران یمن میں ایک بوڑھے سے ہوا کرتی تھی ۔ وہ آپ سے پوچھا کرتا تھا کہ تمہارے اندر کوئی دعویدار نبوت تو ظاہر نہیں ہوا۔جس سال حضور کی بعثت ہوئی اسے میں نے بتایا تو اس نے کہا کہ میں تجھے تجارت سے بہتر بشارت دیتا ہوں کہ یہ شخص نبی ہے تم فوراً جائو،اس کی تصدیق کرو اور میرے یہ اشعار اسے جاکر سنائو۔ واپس آکر حضرت ابوبکرؓ سے ملاقات ہوئی اور اس واقعہ کا ذکر ہوا پھر رسول کریمؐ کو یہ واقعہ اور اشعار آکر حضرت خدیجہ کے گھر سنائے اور اسلام قبول کر لیا۔ عبدالرحمنؓبہت ابتدائی اسلام لانے والوں میں سے تھے۔قبول اسلام کے بعد آپ کو بھی وطن کی قربانی دینی پڑی۔ پہلے حبشہ ہجرت فرمائی پھر مدینہ رسول کی طرف دوسری ہجرت کی سعادت ملی۔ آپؓایک بہت اچھے تاجر تھے۔مگر ہجرت کے وقت مال جائیداد بیوی بچے سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر رسول خد اﷺکے قدموں میں حاضر ہو گئے۔
مؤاخات
حضورﷺنے حضرت سعدؓ بن ربیع انصاری کو آپ کا بھائی بنایا حضرت سعدؓ انصار میں بڑے مالدار اور فیاض انسان تھے۔انہوں نے اس دینی اور روحانی رشتہ کا اتنا پاس کیا جس کی مثال تاریخ عالم میںکہیں نہیں مل سکتی۔وہ حضرت عبدالرحمنؓ بن عوف سے کہنے لگے ’’رسول اکرمﷺنے آپ کو میرا بھائی بنایا ہے۔ یہ میرا مال اور جائیداد حاضر ہے، میں اس کو نصف نصف بانٹ دیتا ہوں۔نصف آپ کی خدمت میں پیش ہے۔میری دو بیویاں ہیں۔ آپ جسے پسند کریں میں اسے طلاق دے دیتا ہوں اور آپ (عدت کے بعد) نکاح کر لینا۔‘‘حضرت عبد الرحمنؓ بن عوف بھی نہایت غیور اور سیر چشم انسان تھے۔ آپ کی غیرت نے اپنے اسلامی بھائی سے کچھ لینا گوارا نہ کیا۔یہی کہا کہ’’ خدا آپ کے مال اور اہل وعیال میںبرکت ڈالے آپ مجھے صرف بازار کا راستہ بتا دیں۔‘‘ پھر آپؓبنو قنیقاع کے بازار میں چلے گئے اور معمولی پونجی سے آپؓ نے گھی ،پنیراورچمڑے کی تجارت شروع کر دی۔ پہلے ہی دن آپ کچھ گھی اور پنیر نفع میں کما کر لے آئے۔ چند دنوں میں اتنے پیسے جمع ہو گئے کہ آپ نے نہایت سادگی سے عرب کے دستور کے مطابق ایک انصاری عورت کے ساتھ شادی کر لی۔ رسول کریم ؐکی خدمت میں حاضر ہوئے تو جسم پر مراسم شادی دیکھ کر رسول اکرم ؐپہچان گئے اور بہت محبت سے پوچھا عبد الرحمن یہ کیا ہے؟عرض کیا حضور شادی کر لی ہے ۔ آنحضرت ؐ نے مہر کے بارے میں استفسار کیا ۔حضرت عبدالرحمنؓبن عوف نے بتایا کہ گٹھلی برابر سونا میں پہلے ہی حق مہر کے طور پر ادا کر چکا ہوں۔حق مہر کی مالیت سے حضور کو اندازہ ہوا کہ مالی حالت بہتر ہونا شروع ہو چکی ہے تب فرمایا کہ اچھا اب اپنے دوستوں کے لئے دعوت ولیمہ کا بھی انتظام کرو خواہ ایک بکری ہی سہی۔(3) یوں حضرت عبدالرحمنؓ بن عوف نے مدینے میںرسول اللہؐ کی دعائوں سے اپنی نئی ازدواجی زندگی کا آغاز کیا۔
غزوات میں شرکت
غزوات النبیؐ کا سلسلہ شروع ہوا تو حضرت عبدالرحمن بن عوفؓ کو رسول اللہﷺکے شانہ بشانہ کمال استقامت اور شجاعت کے ساتھ خدمات بجا لانے کی سعادت نصیب ہوئی۔غزوہ بدر میں اپنی شرکت کا دلچسپ حال آپ یوں بیان فرمایا کرتے تھے کہ معرکہ بدر میں میں نے اپنے دائیں بائیںدونوں جانب نگاہ ڈالی۔جنگ میں جب تک دونوں پہلو صحیح طور پر مضبوط نہ ہوں انسان لڑائی کا حق ادا نہیں کر سکتا۔میں دیکھتا ہوں کہ دو نوجوان انصاری لڑکے میرے دائیں بائیں ہیں۔ ابھی میں ان کے بارہ میں سوچ ہی رہا تھا کہ دونوں نے آہستہ سے باری باری مجھ سے پوچھا کہ چچا ابو جہل کہاں ہے؟جو ہمارے آقا محمدﷺکے خلاف بد زبانی کرتا ہے۔میں نے کہاوہ سامنے سخت پہرہ میں ابو جہل موجود ہے۔کہتے ہیں کہ میرے اشارہ کی دیر تھی کہ وہ دونوں باز کی طرح اپنے شکار پر جھپٹے اور ایسا وار کیا کہ آن واحد میں ابو جہل کی گردن تن سے جدا کر کے رکھ دی۔(4)
خود حضرت عبد الرحمنؓ بن عوف نے بھی غزوہ بدر میں اپنا حق خوب ادا کیا۔پھر غزوہ احد کا معرکہ پیش آیا تو اس جانبازی سے لڑے کہ بدن پر بیس سے زیادہ زخم آئے تھے۔پاؤں پر تو ایسے سخت زخم آئے تھے کہ اچھا ہونے کے بعد بھی لنگڑا کر چلا کرتے تھے۔اسی طرح آپ کے اگلے دو دانت بھی گر گئے تھے۔(5)
دیگر مہمات میں شرکت
چھ ہجری میں آنحضرتﷺ نے آپ کو دومۃ الجندل کی مہم پر روانہ فرمایا ۔اپنے دست مبارک سے حضرت عبدالرحمن ؓبن عوف کے سر پر عمامہ باندھااور علم عطا کر کے فرمایا کہ اللہ کا نام لے کرروانہ ہوںقبیلہ کلب کو جا کر اسلام کی دعوت دیں اور اگر وہ معاہدہ صلح کی طرف مائل نہ ہوں تو پھر راہ خدا میں ان سے جہاد کی نو بت آئے تو جہاد کریں۔مگر جنگ میں کسی کو دھوکہ نہ دینا بچوں کو نہ مارنا کسی پر زیادتی نہ کرنااور جب اللہ تعالیٰ ان پر فتح دے تو ان کے سردار کی بیٹی تماضہ بنت اصبغ سے نکاح کر لینا۔حضرت عبدالرحمنؓ بن عوف دومۃ الجندل تشریف لے گئے۔توتین روز تک مسلسل تبلیغ کرتے رہے۔اور عیسائی قبیلہ کلب کے سردار اصبغ اور اس کی قوم کے بہت سے لوگ آپ کی دعوت الی اللہ کے نتیجے میں مسلمان ہو گئے۔جبکہ باقی لوگوں نے جزیہ دینا منظور کیا۔حضرت عبدالرحمنؓ بن عوف نے آنحضرتؐ کے ارشاد کے مطابق قبیلہ کے سردار اصبغ کی بیٹی سے نکاح کیا اور انہیں بیاہ کر مدینہ لے آئے انہی کے بطن سے آپ کے صاحبزادہ ابو سلمہ پیدا ہوئے۔جو بڑے فقیہ بنے۔(6)
فتح مکہ کے سفر میں بھی حضرت عبدالرحمنؓ بن عوف شامل تھے۔فتح مکہ کے بعد ایک موقع پر حضرت عبدالرحمنؓ بن عوف کی حضرت خالد ؓبن ولید سے کسی معاملے میں تکرار ہو گئی۔ نبی کریمﷺکو خبر ہوئی تو خالدؓ سے فرمایا کہ میرے اصحاب کو کچھ نہ کہو اگر تم خداکی راہ میں جبل احد کے برابر بھی سونا صرف کرو تو ان کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔فتح مکہ سے حجۃ الوداع تک مہمات میں حضرت عبدالرحمنؓ بن عوف شریک رہے۔رسول کریمﷺنے انہیں سفرمیں کسی عذرکی وجہ سے ریشم کے استعمال کی اجازت فرمائی تھی۔
قیام خلافت اور مشاورت میں کردار
رسو ل اکرمﷺکی وفات کے سانحہ پر آپ حضرت ابو بکر صدیق ؓ کے ہاتھ پر اولین بیعت کرنے والوں میں سے تھے۔حضرت ابو بکر ؓ کو بھی آپ پر بہت اعتماد تھا۔ آپ نے ہمیشہ حضرت ابو بکرؓ کے مشیر اور معاون ہونے کا حق ادا کیا۔۱۳ھ میں حضرت ابو بکرؓ نے اپنی آخری بیماری میں حضرت عبدالرحمن ؓبن عوف کو بلا کر اپنے جانشین کے بارہ میں مشورہ کیا اور حضرت عمرؓ کا نام تجویز کیا۔انہوں نے اپنی رائے دیتے ہوئے عرض کیا کہ حضرت عمرؓ کی اہلیت میں تو کوئی شبہ نہیں مگر طبیعت ذرا سخت ہے۔ حضرت ابو بکرؓ نے فرمایا کہ خلافت کا بوجھ پڑے گا تو خود بخود ہی نرم ہو جائیں گے۔
حضرت عمرؓ خلیفہ ہوئے توانہوں نے مجلس شوریٰ قائم کی۔ عبدالرحمنؓ بن عوف اس کے اہم رکن تھے۔ کئی معاملات میں آخری فیصلہ حضر ت عبدالرحمن ؓبن عوف کی رائے کے مطابق ہوا۔ عراق پر فوج کشی کے لئے جب کئی صحابہ نے حضرت عمرؓ کو نہایت پر زور اصرار کے ساتھ اس لشکر کی کمان خود سنبھالنے کے لئے درخواست کی تو حضرت عمرؓ نے اس کا ارادہ کر لیا اور مدینہ پر حضرت علیؓ کو امیر مقرر کرکے جہاد کیلئے روانہ ہوئے۔ابھی مدینہ کے باہر پڑائو تھا کہ حضرت عبدالرحمنؓ بن عوف نے اس سفرکی مخالفت کرتے ہوئے پھرعرض کیا کہ لڑائی میں دونوں امکان ہوتے ہیں اور خدا نخواستہ امیرالمومنین کو کوئی نقصان پہنچ گیا تو اسلام کو نا قابل تلافی نقصان پہنچنے کا احتمال ہے۔حضرت عبدالرحمنؓ بن عوف کی یہ رائے سن کر سب صحابہ اس کے قائل ہو گئے۔مگر اب مشکل یہ تھی کہ اب اس لشکر کی کمان کون کرے۔کیونکہ حضرت علیؓ بھی بوجہ بیماری عذر بیان کر چکے تھے۔حضرت عبدالرحمنؓ بن عوف کی عمدہ رائے سے یہ مسٔلہ بھی حل ہوگیا۔آپ نے اس لشکر کی سپہ سالاری کے لئے حضرت سعد ؓبن ابی وقاص کا نام تجویز کیابعد کے واقعات نے بھی یہ ثابت کیا کہ حضرت سعدؓ ہی اس لشکر کی قیادت کے اہل تھے۔
23ہجری میں حضرت عمرؓ پر فجر کی نما زمیں قاتلانہ حملہ ہوا۔تو انہوں نے حضرت عبدالرحمنؓ بن عوف کا ہاتھ پکڑ کر آگے مصلے پر کر دیا ۔حضرت عبدالرحمنؓ بن عوف نے جلدی سے نماز مکمل کر لی ۔ حضرت عمرؓ کو اٹھا کر گھر لایا گیا۔حضرت عمرؓ نے خلافت کے انتخاب کے لئے جو چھ افراد پر مشتمل کمیٹی بنائی تھی اس کے فیصلہ کن رکن عبد الرحمنؓ بن عوف تھے۔(7)
وفات
۳۱ھ ؁میں حضرت عبدالرحمنؓ بن عوف نے بعمر75سال وفات پائی۔حضرت علیؓ نے آپ کے جنازے پر کھڑے ہو کر آپ کو داد تحسین دی ۔حضرت سعدؓ بن ابی وقاص نے اس موقع پر کہا وائے افسوس! کہ آج ایک پہاڑ جیسی کوہ وقار شخصیت ہم سے جدا ہو گئی۔حضرت عثمانؓ نے آپ کی نماز جنازہ پڑھائی اور جنت البقیع میں دفن ہوئے۔(8)
علم وفراست
حضرت عبدالرحمنؓ کو آنحضرتﷺکے قدیمی صحابی ہونے کے باعث علم وفضل کی سعادت بھی حاصل رہی تھی۔رسول اللہﷺکی زندگی میں بھی لوگ آپ سے مسائل دریافت کرتے اور آپ مستند جواب دیتے تھے ۔بعد میں بھی کئی مشکل مقامات پر آپ کوقومی سطح پر نہایت مفید مشورے دینے کی توفیق بھی حاصل ہوئی۔حضرت ابو بکر ؓ کے زمانہ خلافت میں جب اہل بیت میں آنحضرتﷺکی وراثت کا سوال ہوا تو آپ نے اپنے ذاتی علم کی بنا پروضاحت کی کہ رسول اکرمﷺنے فرمایا تھا کہ’’ آپؐ کے ترکے میں وراثت نہ چلے گی بلکہ وہ بیت المال کا حق ہو گا۔‘‘ حضرت عمرؓ کے زمانہ خلافت میں جب ایران فتح ہوا تو آتش پرستوں سے معاملہ کرنے کا مسئلہ در پیش ہوا کیونکہ قرآن کے ظاہری الفاظ سے جزیہ صرف اہل کتاب سے ہی لینے کا حکم معلوم ہوتاتھا۔حضرت عبدالرحمن ؓنے اجتہادسے یہ عقدہ بھی حل کیا کہ آنحضورؐنے ان لوگوں کے ساتھ بھی اہل کتاب کا سلوک کیا اور انہیں ذمی قرار دیا تھا جیسے ہجر کے مجوسیوں سے سلوک ہوا۔طاعون عمواس کے موقع پر حضرت عمرؓ سرغ مقام سے حضرت عبدالرحمن ؓ کی روایت کی بناء پر ہی واپس لوٹ آئے تھے اور شام میں داخل نہیں ہوئے تھے۔ان کی رائے ایسی پختہ تھی کہ حضرت عمرؓ نے بوقت وصال یہ وصیت فرمائی کہ حضرت عبدالرحمنؓ بن عوف نہایت صائب الرائے، صاحب عقل ودانش اور سلیم الطبع ہیں انکی رائے کو بہت اہمیت دینا۔اور اگر انتخاب خلافت میں کوئی مشکل پیدا ہو تو جس طرف حضرت عبدالرحمنؓ بن عوف ہوں ان کا ساتھ دینا۔حضرت عمرؓ کی یہ رائے بلا شبہ ذاتی تجربے پر مشتمل تھی جو درست ثابت ہوئی۔(9)
اخلاق فاضلہ
حضرت عبدالرحمن بن عوفؓ اعلی اخلاق کے مالک تھے۔خوف خدا،حب رسول، صدق و عفاف،امانت و دیانت،رحم وکرم،فیاضی اور انفاق فی سبیل اللہ آپ کی روشن صفات تھیں۔رسول کریمﷺنے فرمایا عبد الرحمن ؓ بن عوف مسلمانوں کے سرداروں میں سے سردار ہیں۔وہ آسمان میں بھی امین ہیں اور زمین میں بھی !خوف خدا کا یہ عالم تھا کہ ایک دن روزے سے تھے۔دستر خوان لگایا گیا تو ان نعمتوں کو دیکھ کر بے اختیار رونے لگے آپ کو مسلمانوں کے ابتدائی زمانے کے فقر وفاقہ کے دن یاد آگئے۔کہنے لگے کہ میرا بھائی مصعبؓ بن عمیر مجھ سے بہتر تھا مگروہ جب شہید ہوا تو کفن کی چادر بھی نصیب نہ ہوئی سر ڈھانکتے تھے تو پیر ننگے ہو جاتے تھے اور پاؤں ڈھانکتے تھے تو منہ ننگا ہوجاتا تھا۔پھر پاؤں پر گھاس ڈالی گئی اور سر کو کفن سے ڈھانک کر دفن کیا گیا۔یہ تھا احد کے میدا ن کا شہید مصعبؓ بن عمیر۔ آج دنیا کی کتنی نعمتیں ہمیںحاصل ہیں یہ دیکھ کر ڈر لگتا ہے کہ نیکیوں کا بدلہ کہیں ہمیں دنیا میں ہی نہ عطاکردیاگیا ہو۔ یہ کہا اور اتنی رقت طاری ہوگئی کہ کھانے سے ہاتھ کھینچ لیا۔(10)
حضرت عبدالرحمانؓ بن عوف وہ خوش قسمت صحابی ہیں جنہیں ایک وہ منفرد اعزاز بھی حاصل ہوا جو امت میں کسی اور کو نصیب نہیں۔آپ نبی کریمﷺکے ساتھ ایک سفر میں تھے۔ حضور ﷺ قافلے سے کچھ پیچھے رہ گئے۔ نماز فجر کا وقت ہوگیا۔ نماز میں تاخیر کے اندیشے سے حضرت عبدالرحمانؓ بن عوف نے نماز فجر شروع کروادی۔ نبی کریمﷺبعد میں تشریف لائے اور آپؐ نے حضرت عبدالرحمانؓ بن عوف کی اقتداء میںنمازاداکی۔(11)
حضرت عبدالرحمانؓ کو آنحضرت ﷺکی وفات کے بعد اپنی عفت اور پاکدامنی کے باعث ایک اور اہم خدمت کی بھی توفیق ملی۔ اور وہ تھی ازواج مطہرات کی خدمت و حفاظت۔ رسول کریمؐ نے فرمایا تھا کہ میرے بعد میری ازواج کی خدمت کی توفیق پانے والا بہت ہی صادق اور راستباز ہوگا۔ حضرت عبدالرحمنؓ بن عوف کو یہ خدمت کرنے کی توفیق ملی۔ آپ سفر حج میں ازواج مطہرات کے ساتھ جاتے اوران کے لئے سواری اور پردے کا اہتمام کرتے۔ (12)
مالی قربانی
حضرت عبدالرحمنؓ بن عوف بڑے مالدار تاجر تھے اورتجارت میں ایسی برکت پڑی کہ آپ عظیم الشان دولت کے مالک بنے۔ مگر کبھی حرص اوربخل کا خیال تک نہ آیا۔ ابوالھیاج راوی ہیں کہ میں نے ایک شخص کو طواف بیت اللہ میں یہ دعا کرتے سنا۔اَللّٰھُمَّ قِنِی شُحَّ نَفْسِی۔ اے اللہ مجھے اپنے نفس کے بخل سے محفوظ رکھنا۔میں نے پوچھا یہ کون ہے تو پتہ چلا کہ وہ عبدالرحمنؓبن عوف تھے۔ یہ دعا خوب مقبول ٹھہری ۔ایک دفعہ عبدالرحمنؓبن عوف کا تجارتی قافلہ مدینے آیاتو اس میں سات سو اونٹوں پر صرف گیہوں ، آٹا اوردوسری اشیاء لدی ہوئی تھیں۔ مدینے میں اتنے بڑے تجارتی قافلے کے چرچے ہورہے تھے کہ حضرت عائشہؓ تک بھی خبرپہنچی ۔انہوںنے حضرت عبدالرحمانؓ بن عوف کے فضائل بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ میں نے رسول خداﷺسے سُنا ہے کہ عبدالرحمانؓ جنتی ہیں اوررینگتے ہوئے جنت میں جائیں گے۔ حضرت عبدالرحمن بن عوف ؓ کو اطلاع ہوئی تو دوڑتے ہوئے ام المؤمنین حضرت عائشہ ؓ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور کہا کہ میں آپ کو گواہ کرکے یہ لدا ہوا قافلہ اونٹ اور کجاوے سمیت میں خدا کی راہ میں وقف کرتاہوں۔
اس کا پس منظر یہ تھا کہ رسول کریمﷺنے حضرت عبدالرحمنؓ بن عوف سے ایک دفعہ فرمایا آپ امیر آدمی ہو جنت میں گھٹنوں کے بل داخل ہوگے اسلئے اپنا مال خدا کو قرض دو۔ انہوں نے عرض کیا یارسول اللہﷺ !سارا مال ؟فرمایا ہاں۔حضرت عبدالرحمنؓبن عوف اس پر آمادہ ہوگئے ۔پھر رسول کریمﷺنے فرمایا مجھے جبریلؑ نے ابھی خبر دی ہے کہ عبدالرحمنؓ کو کہہ دو کہ مہمان کی مہمان نوازی کرے ،مسکین کو کھانا کھلائے،سائل کو دے اوررشتہ داروں سے اس کا آغاز کرے تو مال پاک ہوجائے گا۔
سبحان اللہ! کیا بے نفسی ہے اور دنیا سے بے رغبتی کا کیا عالم ہے۔ یہ وہ انقلاب تھا جو نبی کریمﷺنے اپنے صحابہ میں پیداکردیا تھا۔ کہ مال کی کثرت نے ان کے دلوں میں مال کی محبت کی بجائے مال عطا کرنے والے کی محبت پیداکردی۔ حضرت عبدالرحمان بن عوفؓ نے ہمیشہ قومی اور مذہبی ضروریات کے لئے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ سورۂ توبہ نازل ہوئی اس میں صدقہ و خیرات کی ترغیب کا مضمون بھی ہے حضرت عبدالرحمنؓ بن عوف نے اپنا نصف مال کچھ چار ہزار کے قریب رقم پیش کردی۔ پھر دو دفعہ چالیس چالیس ہزار دینار پیش کئے۔ اسی طرح جہاد کے لئے ضرورت پیش آئی تو پانچصد گھوڑے اور پندرہ سو اونٹ پیش کردیئے۔ (13)
عام صدقہ و خیرات کا تو یہ عالم تھا کہ ایک ایک دن میں تیس،تیس غلام آزاد کردیا کرتے تھے۔ ایک روایت کے مطابق اندازاً تیس ہزار غلام آزاد کئے۔ان تمام خدمتوں کے باوجود کوئی فخر کا شائبہ تھانہ غرور کا خیال بلکہ عجزو انکسار کا یہ حال تھا کہ ایک دفعہ ام المومنین حضرت ام سلمہؓ سے یہ عرض کیا کہ مجھے خوف ہے کہ کثرتِ مال مجھے ہلاک نہ کردے۔ انہوں نے فرمایا کہ راہ خدا میں مال خرچ کیا کرو۔حضرت عبدالرحمانؓ بن عوف نے جیسے یہ نصیحت پلے باندھ لی تھی۔وفات کے وقت بھی پچاس ہزار دینار اور ایک ہزار گھوڑے خدا کی راہ میں وقف کردیئے۔ بدر میں جو صحابہ شریک ہوئے تھے بوقت وفات ان کے حق میں یہ وصیت فرمائی کہ اب تک جتنے بدری صحابہ زندہ ہیں میرے ترکے میں سے ہرایک کوچارصد دینار عطاکئے جائیں ۔اس وقت سو بدری صحابہؓ موجود تھے۔ چنانچہ ان سب نے بشمول حضرت عثمانؓکی اس وصیت سے خوب فائدہ اُٹھایا۔
امہات المومنین کے لئے بوقت وفات ایک باغ کی وصیت کی جو چار لاکھ درہم میں فروخت ہوا۔حضرت عائشہؓ عبد الرحمانؓبن عوف کے بیٹے کوفرمایا کرتی تھیں کہ رسول ؐاللہ کو اپنے بعد ازواج کے معاملات کی فکر رہتی تھی اللہ تعالیٰ تمہارے باپ عبدالرحمانؓ کو جنت کے چشمہ سے سیراب کرے جنہوں نے ازواج رسولؐ کیلئے اس خدمت کی توفیق پائی۔ (14) الغرض حضرت عبدالرحمنؓ بن عوف کو اللہ تعالیٰ نے مال ودولت خوب عطاکیا اور آپ نے بھی دل کھول کر خد اکی راہ میں اپنا مال لٹایا مگر مال میں کوئی کمی نہیں آئی بلکہ خدا نے ایسی برکت ڈالی کہ خود فرماتے تھے کہ مٹی میں ہاتھ ڈالتا ہوں تو سونا ہو جاتی ہے۔ چنانچہ اس قدر فیاضی کے باوجود اپنے ورثاء کے لئے بہت مال چھوڑا۔ چار بیویوں کو ترکہ کے آٹھویں حصے کے طور پراسی ، اسی ہزار دینار ملے۔مال میں سونے کی اتنی بڑی بڑی اینٹیں تھیں کہ کاٹ کاٹ کر تقسیم کی گئیں اور کاٹنے والوں کے ہاتھوں میں آبلے پڑگئے۔ جائیداد غیر منقولہ اور نقدی کے علاوہ ایک ہزار اونٹ، سو گھوڑے اورتین سو بکریاں بھی ترکے میں چھوڑیں۔(15)
یہ اس مخلص مہاجر کا ترکہ تھا جو راہ خدا میں خالی ہاتھ مکّے سے مدینے ہجرت کرکے آگیا تھا۔ اورنصف مال و جائیداد کی پیش کش حضرت سعد ؓبن ربیع نے کی تو کمال استغناء کے ساتھ قبول نہیں کی تھی اور خدا پر کامل توکل کرتے ہوئے محنت کرنے کو ترجیح دی تھی۔ پھر خدا نے بھی اس متوکل انسان کو ایسا نوازا کہ دولت کے انبار اس کے سامنے لگا دیئے۔ حضرت عبدالرحمان بن عوفؓ کے پاس کیمیا گری کا نسخہ تھانہ جادو کی کوئی ایسی انگوٹھی کہ جس چیز کے ساتھ لگاتے تھے وہ سونا بن جاتی تھی۔ نہ ہی تجارت کا کوئی ایساگُرآپ کو ملا تھا کیونکہ محض دنیاوی تجارتیں ہرگز اتنے اموال عطانہیں کرسکتیں۔ اگر کوئی گُر حضرت عبدالرحمنؓ بن عوف نے سیکھا تھا تو وہ خد اسے تجارت کرنے کا گُر تھا جہاں سات سو گُنا سے بھی بڑھ کر منافع ملتا ہے اور اسی عرفان حاصل کرنے کے نتیجے میں آپ واقعی وہ پارس بن گئے تھے کہ جس چیز کے ساتھ وہ لگتا اسے سونا بنادیتاہے۔ یہ وہ کیمیا گری تھی جو آپ نے آنحضرتﷺ سے سیکھی تھی اور اس کیمیا گری میں یقینا آپ کی دعائوں مجاہدات اور عبادات کا بھی گہرا دخل تھا۔ آپ نہایت خشوع و خضوع کے ساتھ نمازیں ادا کیاکرتے تھے۔نماز ظہر سے قبل لمبی نفل نماز پڑھتے اذان کی آواز سن کر مسجد روانہ ہوجاتے۔ نوافل سے خاص شغف تھا،رسول اللہﷺسے آپ کی کئی روایات مروی ہیں۔حضرت عبدالرحمن بن عوف ؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول کریم ﷺمسجد میں تشریف لائے اور قبلہ رُو ہوکر سجدے میں گرگئے اور بہت لمبا سجدہ کیا۔یہاں تک کہ ہمیں گمان ہوا کہ اللہ تعالیٰ نے شاید آپؐ کی روح قبض کرلی ہے۔میں آپؐ کے قریب ہوا تو آپؐ اُٹھ بیٹھے اور پوچھا کون ہے؟میں نے عرض کیا عبدالرحمن۔ فرمایا کیا بات ہے؟ میں نے عرض کیا اے اللہ کے رسول ؐ! آپؐ نے اتنا لمبا سجدہ کیا کہ مجھے اندیشہ ہواکہ کہیں اللہ تعالیٰ نے آپؐ کی روح تو قبض نہیں کرلی۔آپؐ نے فرمایا میرے پاس جبریل ؑ آئے تھے انہوں نے مجھے یہ خوشخبری سنائی کہ اللہ تعالیٰ آپؐ کے حق میں فرماتا ہے کہ جوآپ ؐ پر درود بھیجے گا میں اس پر اپنی رحمتیں نازل کرونگا اور جو آپؐ پر سلام بھیجے گا میں اس پر سلامتی بھیجوں گا۔یہ سُن کر میں اللہ تعالیٰ کے حضور سجدۂ شکر بجالایا ہوں۔اکثر روزے رکھتے تھے۔ بارہا حج کی توفیق پائی۔ حضرت عمرؓ جس سال خلیفہ ہوئے اس سال انہوں نے آپ کو امیر حج مقررفرمایا تھا۔(16)
آپ نہایت ذہن رسا انسان تھے۔ تجارت کے علاوہ زراعت کی طرف بھی توجہ فرمائی کیونکہ خیبر میں رسول اللہؐ نے ایک کثیر جاگیر آپ کو عطافرمائی تھی۔ آپ نے نہ صرف اسے سنبھالابلکہ بہت سی اور قابل زراعت زمین خرید کر اس میں بھی کاشت کروائی۔ صرف ’’جُرف‘‘ کی زمین میںبیس اونٹ آبپاشی کیا کرتے تھے۔
ازواج و اولاد
آپ ہجرت کے وقت بیوی بچے مکے میں چھوڑ آئے تھے۔ اللہ تعالیٰ نے یکے بعد دیگرے بارہ بیویاں عطاکیں جن سے ۲۱ بیٹے اور ۷ بیٹیاں اولاد عطاہوئی۔اسلام سے قبل ام کلثوم بنت ر بیعہ اور ام کلثوم بنت عقبہ بن معیط سے نکاح کیا تھا۔ آپ کی بیویوں میں قبیلہ کلب کے سردار کی بیٹی کے علاوہ غزال بنت کسریٰ بھی تھیں جو ایران کے شاہی خاندان کسریٰ کی شہزادی تھی مگر ان تمام تر نعمتوں اور آسائشوں کے باوجود حضرت عبدالرحمانؓ بن عوف نے اپنا دامن کبھی دنیا سے آلودہ نہ ہونے دیا۔وفات سے قبل بے ہوشی سے افاقہ ہوا تو پوچھا کہ کیا مجھ پر غشی طاری ہوئی تھی بتایاگیا کہ ہاں تو فرمایا کہ میرے پاس دو فرشتے آئے ان میں کچھ سختی پائی جاتی تھی وہ مجھے لے کر چلے پھر دو اور فرشتے آئے جو زیادہ نرم اوررحم دل تھے۔ انہوں نے پہلے دو سے پوچھا کہ اسے کہاں لے جاتے ہو انہوں نے کہا’’عزیزوامین‘‘کے پاس(فیصلہ کیلئے)وہ دونوں بولے اسے چھوڑ دویہ وہ شخص ہے کہ جب ماں کے پیٹ میں تھا تب سے اس کے حق میں سعادت لکھی جاچکی ہے۔(17)31ھ میں75سال کی عمر میں آپ کی وفات ہوئی آپ کی وصیت کے مطابق حضرت عثمانؓ نے آپ کی نماز جنازہ پڑھائی اور جنت البقیع میں دفن ہوئے۔(18)
ایک دفعہ رسول کریمﷺکے پاس ایک ایسے شخص نے قرآن کی تلاوت کی جس کی آواز میں بہت سوز تھا،سب لوگوں کی آنکھوں سے آنسو رواں ہوگئے سوائے عبدالرحمن ؓبن عوف کے۔ رسول کریمﷺکے سامنے ذکر ہوا تو فرمایا کہ عبدالرحمنؓ کی آنکھ آنسو نہ بہائے تو اس کا دل روتا ہے۔
ایک اور موقع پر جب حضرت خالدؓ کی تکرار حضرت عبدالرحمنؓ سے ہوئی تو رسول کریمؐ نے فرمایا کہ اے خالد! میرے صحابہ کو کچھ نہ کہو تم میں سے کوئی اگر احد پہاڑ کے برابر بھی سونا خرچ کرے تو عبدالرحمنؓ بن عوف کی اس صبح یا شام کو بھی نہیں پہنچ سکتا جو اس نے خدا کی راہ میں جہاد کرکے گزارے۔
آپ ؓکی وفات پر حضرت علیؓ نے سچ ہی تو کہا تھا کہ جااے عبدالرحمنؓ ! اپنے مولا کے حضور حاضر ہوجا کہ تو نے دنیا کا صاف پانی پیا اور گدلا چھوڑ دیا۔ (19) سلامت برتو اے مرد سلامت۔ اے سراج منیر کے روشن ستارے! تیری روشنی سے ایک دنیا نے ہدایت پائی اور ایک زمانہ روشنی پاتارہے گا۔ اے عبدالرحمنؓ بن عوف! تجھ پر سلام۔اے سلامتی کے شہزادے تجھ پر سلام۔



حوالہ جات
1-
ترمذی کتاب المناقب باب مناقب عبد الرحمان بن عوف،استیعاب جلد 1ص 388
2-
اصابہ جز 4ص 176
3-
اسد الغابہ جلد3ص 314,315،بخاری کتاب النکاح ،منتخب کنز العمال برحاشیہ مسند جلد 5ص 78
4-
بخاری کتاب المغازی
5-
اسد الغابہ جلد3ص 314
6-
اسد الغابہ جلد 3ص 314،استیعاب جلد3ص 387
-7
اصابہ جز4ص 177،ابن سعد جلد 3ص 130،طبری جلد 4ص 83، اسدالغابہ جلد 3ص 315
8-
اسد الغابہ جلد 3ص 317،استیعاب جلد 2ص 390
-9
اصابہ جز 4ص 177،مسند احمد جلد1ص 193
10-
اسد الغابہ جلد3ص 314،استیعاب جلد 3ص 388
-11
مسلم کتاب الصلوۃ و اسدالغابہ جلد 3ص 316
-12
اصابہ جز 4ص 177
-13
اسد الغابہ جلد 3ص 315-16،استیعاب جلد2ص 389،اصابہ جز 4ص 177،
البدایہ جلد 7ص 163،منتخب کنز العمال برحاشیہ مسند جلد 5ص 78
-14
اسد الغابہ جلد 3ص 314,315،ترمذی کتاب المناقب باب حکایۃ وصیۃ عبدالرحمنؓ
-15
اسد الغابہ جلد3ص 316,317
-16
اسد الغابہ جز 4ص 177
-17
ابن سعد جلد 3ص 134
-18
اصابہ جز 4ص 177،استیعاب جلد 3ص 387,390،ابن سعد جلد 3ص 134
-19
اسد الغابہ جلد 3ص 317،منتخب کنز العمال برحاشیہ مسند جلد 5ص 75

حضرت سعد بن ابی وقاصؓ
نام ونسب
حضرت سعد ؓ کے والد مالک بن وھیب کا تعلق قریش کی شاخ بنو زہرہ سے تھا۔ اس لحاظ سے آپ رشتہ میں رسول اللہؐ کے ماموں تھے۔ کیونکہ رسول اللہﷺکی والدہ بھی بنو زہرہ قبیلہ سے اور حضرت سعدؓ کی چچا زاد تھیں۔ ایک دفعہ حضرت سعدؓ کے تشریف لانے پر رسول کریمﷺنے فرمایا یہ میرے ماموں ہیں کوئی اور شخص مجھے اپنا ایسا ماموں تو دکھائے۔ والدہ حمنہ بنت سفیان بن امیہ بھی قریش سے تھیں۔کنیت ابو اسحاق تھی۔(1)
قبول اسلام اور قربانی
حضرت سعدؓ نے چوتھے اور چھٹے سال نبوت کے درمیان اسلام قبول کیا۔ اس وقت آپ سترہ برس کے نوجوان تھے۔ خود بیان کرتے تھے کہ میںنے نماز فرض ہونے سے بھی پہلے اسلام قبول کیا تھا۔
آپ کا اسلام قبول کرنا بھی الہٰی تحریک کے نتیجہ میں تھا۔ آپؓ بیان کرتے تھے کہ اسلام سے قبل ’’میں نے رئویا میں دیکھا کہ گھپ اندھیرا ہے اور مجھے کچھ سجھائی نہیں دیتا کہ اچانک ایک چاند روشن ہوتا ہے اور میں اس کے پیچھے پیچھے چلنے لگتا ہوں۔کیا دیکھتا ہوں کہ کچھ لوگ مجھ سے پہلے اس چاند تک پہنچے ہوئے ہیں۔ قریب جا کر معلوم ہوا کہ وہ زید بن حارثہؓ ، علی بن ابی طالبؓ اور ابوبکرؓ تھے۔ میں ان سے پوچھتا ہوں کہ تم لوگ کب یہاں پہنچے؟ وہ کہتے ہیں بس ابھی پہنچے ہی ہیں۔‘‘اس خواب کے کچھ عرصہ بعد مجھے پتہ چلا کہ رسول اللہﷺمخفی طور پر اسلام کی دعوت دیتے ہیں۔ ایک روز میری آپ سے اجیاد گھاٹی میں ملاقات ہوئی۔ آپؐ نے اسی وقت نماز عصر ادا کی اور میں نے اسلام قبول کیا ۔مجھ سے پہلے سوائے ان تین مردوں کے کسی نے اسلام قبول نہیں کیا۔ (2)
حضرت سعد ؓ فرماتے تھے کہ میںنے تیسرے نمبر پر اسلام قبول کیا اورسات دن تک مجھ پر ایسا وقت رہا کہ میں اسلام کا تیسرا حصہ تھا۔(3)
اسلام قبول کرنے پر ابتلاء
حضرت سعدؓ بیان کرتے ہیں کہ میں اپنی والدہ سے نہایت نیکی اور احسان کا سلوک کرتا تھا۔ جب میںنے اسلام قبول کیا تو وہ کہنے لگی تم نے یہ نیا دین کیوں اختیار کرلیا ہے۔ تجھے بہرحال یہ دین چھوڑنا پڑے گا۔ ورنہ میں نہ کچھ کھائو ں گی نہ پیئوں گی یہاں تک کہ مر جائوں گی او رلوگ تمہیں ماں کے قتل کا طعنہ دیں گے۔ میں نے کہا اے میر ی ماں ایسا ہر گز نہ کرنا کیونکہ میں اپنا دین نہیں چھوڑ سکتا۔مگر وہ نہ مانی حتیٰ کہ تین دن اور رات گزر گئے اور والدہ نے کچھ کھایا نہ پیا صبح ہوئی تو وہ بھوک سے نڈھال تھیں۔ تب میں نے کہہ دیا کہ خدا کی قسم اگر آپ کی ہزار جانیں ہوں اور وہ ایک ایک کرکے نکلیں تو بھی میں اپنا دین کسی چیزکی خاطر نہیں چھوڑوں گا۔ جب انہوں نے بیٹے کایہ عز م دیکھا تو کھاناپینا شروع کر دیا۔ اس موقع کی مناسبت سے یہ آیت اتری۔ (لقمان:16) یعنی اگر وہ (والدین)تجھ سے جھگڑا کریں کہ تو میرے ساتھ شریک ٹھہرائے جس کا تجھے کوئی علم نہیں تو ان کی بات نہ مان اور دنیا میںدستور کے مطابق رفاقت جاری رکھ۔(4)
شجاعت و مردانگی
ابن اسحاق نے بیان کیا ہے کہ ابتدائے اسلام میں رسول اللہﷺکے صحابہ نماز ادا کرنے کیلئے مختلف گھاٹیوں میں چلے جاتے اور یوں اپنی قوم سے مخفی نماز باجماعت ادا کرتے۔ ایک دفعہ حضرت سعد بن ابی وقاص ؓ صحابہ کی ایک جماعت کے ساتھ مکہ کی کسی گھاٹی میں نماز اداکررہے تھے کہ اچانک مشرک ان پر چڑھ دوڑے اور پہلے تو انہیں نماز پڑھتے پاکر ناپسندیدگی کا اظہا رکرتے ہوئے بر ا بھلا کہنے لگے ۔ پھر ان پر حملہ آور ہوئے ۔ حضرت سعدؓ وہ شجاع اور بہادر مرد تھے جو اپنے اور اپنے ساتھیوں کے دفاع کیلئے بڑی جرأت سے آگے بڑھے اور اونٹ کی ہڈی جو ہاتھ میں آئی وہ مد مقابل شخص کے سر میں دے ماری جس سے اس کا سر پھٹ گیا ۔ یہ پہلا موقع تھا کہ مجبوراً اپنے دفاع میں ایک مسلمان کے ہاتھوںکسی کافر کا خون بہا۔ ورنہ مسلمان ہمیشہ فساد سے بچتے اور امن کی راہیں تلاش کرتے رہے۔(5)
مکی دور میں رسول اللہﷺکے ساتھ ابتدائی زمانہ اور شعب ابی طالب میں حضرت سعدؓ کوبھی سخت تکالیف اور مصائب کا سامنا کرنا پڑا اور انتہائی صبر کا نمونہ دکھایا وہ بیان کرتے ہیں کہ ایک رات رسولؐاللہ کے ساتھ پیشاب کرنے نکلا تو پائوں کے نیچے کوئی سخت چیز آئی۔ وہ اونٹ کی کھال کا ٹکڑا تھا میں نے اسے اٹھا کر دھویا پھر اسے جلا کر دو پتھروں سے باریک کرکے کھالیااور اوپر سے پانی پی لیا اور تین دن تک کیلئے اس سے قوت حاصل کی۔
ہجرت مدینہ
رسول کریمﷺکے ہجرت کرکے مدینہ تشریف لانے کے بعد حضرت سعدؓ کو بھی مدینہ ہجرت کی توفیق ملی۔ اور وہ بنی عمر وبن عوف کے محلہ میں اپنے بھائی عتبہ کے گھر میں ٹھہرے جنہوں نے پہلے سے مکہ میں ذاتی دشمنی کے باعث یہاں آکر ڈیرے ڈال رکھے تھے۔ ہجرت مدینہ کے بعد رسول کریمﷺنے مؤاخات قائم فرمائی۔ حضرت سعدؓ بن ابی وقاص کو پہلے مبلغ اسلام حضرت مصعب ؓ بن عمیر اور اوس کے سردار حضرت سعدؓ بن معاذکا بھائی بنایا۔ دو سعدوں کا ملنا بھی گویا ایک روحانی قِران سعدین تھا۔
خدمات
مدینہ آتے ہی حضرت سعدؓ کی خدمات کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔حضرت عائشہ ؓ بیان کرتی ہیں کہ شروع میں جب نبی کریمﷺمدینہ آئے تو مخدوش حالات کی وجہ سے رات آرام کی نیند نہ سو سکے تھے ۔ ایک رات آپؐ نے فرمایا کہ آج خدا کا کوئی نیک بندہ پہرہ دیتا تو کیا ہی اچھا ہوتا۔تب اچانک ہمیں ہتھیاروں کی آواز سنائی دی رسول کریمﷺنے پوچھا کون ہے؟ آواز آئی میں سعد ہوں۔ فرمایا کیسے آئے عرض کیامجھے آپ کی حفاظت کے بارہ میں خطرہ ہوا اسلئے پہرہ دینے آیا ہوں۔چنانچہ انہوںنے پہرہ دیا اور رسول کریمﷺ آرام سے اس رات سوئے۔(6)
جب نبی کریمﷺکو اطراف مدینہ میں کچھ مہمات بھجوانے کی ضرورت پیش آئی ۔ پہلے حضرت حمزہؓ کے ساتھ ایک مہم میں شرکت کی سعادت عطا ہوئی۔ اس کے بعد حضرت عبیدہؓ بن حارث کے ساتھ بھجوائی گئی ساٹھ افراد پر مشتمل مہم میں بھی آپ شریک تھے۔ اس موقع دشمن نے تیر برسائے۔ حضرت سعدؓ کو بھی اپنی تیراندازی کے جوہر دکھانے کا موقع ملا۔فرمایا کرتے تھے کہ میں پہلا عرب شخص ہوں جس نے اللہ کی راہ میں تیر چلایا۔
غزوہ بدر سے قبل رسول کریمﷺ نے حضرت سعدؓ کوبیس سواروں پر مشتمل ایک دستہ پر نگران مقرر کرکے خرار مقام پر بھجوایا۔ آ پ کا مقصد قریش کے تجارتی قافلہ کا راستہ روکنا تھا ۔اس تجارتی قافلہ کا سارا منافع مسلمانوں کے خلاف خرچ کرنے کے عہد و پیمان تھے۔(7)
غزوات میں شرکت اور بہادری
کفر و اسلام کے پہلے معرکہ بدر میں حضرت سعدؓ کو رسول اللہ ﷺکے ساتھ شرکت کی توفیق ملی۔وہ بیان کرتے تھے میں بد رمیں شامل ہوا تو میرے چہرے میں ایک بال کے سواکچھ نہ تھا۔ (یعنی اس وقت حضرت سعدؓ کی صرف ایک بیٹی تھی)اس کے بعد اللہ تعالیٰ نے مجھے گھنی داڑھی جیسے بال عطا کئے(یعنی کثرت سے اولاد سے نوازا)۔(8)
حضرت سعدؓ کو بجا طور پر بد رمیں شرکت پر فخر تھا۔ ان کے بیٹے عامر کہا کرتے تھے کہ حضرت سعدؓ مہاجرین میں سے فوت ہونے والے آخری صحابی تھے۔ وفات کے وقت انہوں نے اپنا نہایت بوسیدہ اونی جبہ منگوایا اور فرمایا ’’مجھے اس میں کفن دینا کہ بدر کے دن مشرکوں سے مٹھ بھیڑ کے وقت میں نے یہی جبہ پہن رکھا تھا اور اس مقصد کیلئے آج تک سنبھال کے رکھا ہوا تھا۔‘‘(9)
حضرت سعدؓ نے غزوہ بدر میں شجاعت و بہادری کے شاندار جوہر دکھائے۔ سردار قریش سعید بن العاص آپ کے ہاتھوں انجام کو پہنچا ، اس کی تلوار ذوالکتفہ آپ کو بہت پسند آئی ابھی تقسیم غنیمت کا کوئی حکم نہ اترا تھا اس لئے رسول اللہ ﷺنے وہ تلوار آپ سے واپس لے لی۔ پھر جب سورۃ انفال کی آیات نازل ہوئیں تو آپؐ نے حضرت سعدؓ کو بلا کر وہ تلوار عطا فرمائی۔
حضرت سعدؓ نے احد میں رسول اللہﷺ کی حفاظت میں آپ کے آگے پیچھے اور دائیں بائیں لڑنے کی سعادت پائی۔ ان کا بھائی عتبہ حالت کفر میں میدان احد میں مد مقابل تھا اس نے رسول اللہﷺ کو زخمی کیا تھا۔ حضرت سعدؓ کی غیرت ایمانی کا یہ حال تھا کہ فرمایا کرتے ’’ میں عتبہ سے زیادہ کسی شخص کے خون کا پیاسا نہیں ہوا۔‘‘
غزوہ احد میں خالی درے سے کفار کے اچانک حملہ کے نتیجہ میں مسلمانوں کے پائوں اکھڑ گئے تھے اور وہ تتر بتر ہوگئے مگر حضرت سعد بن ابی وقاصؓ ان معدودے چند صحابہ میں سے تھے جو ثابت قدم رہے۔ آپؓ تیر اندازی کے ماہر تھے جب کفار نبی کریمﷺکو ہدف بنا کر ہجوم کرکے حملہ آور ہوئے تو آنحضرتؐ اپنے ترکش سے حضرت سعدؓ کو تیر عطا فرماتے اور کہتے اِرمِ َیا سَعدُ فِدَاکَ اَبِی وَ اُمِّی! یعنی اے سعدؓ تیر چلائو میرے ماں باپ آپ پر قربان ہوں ۔ حضرت علیؓ فرمایاکرتے تھے کہ حضرت سعدؓ ہی وہ سعادت مند ہیں جن کے سوااور کسی کیلئے میں نے آنحضورؐ سے اس طرح فِدَاکَ اَبِی وَ اُمِّی کا جملہ نہیں سنا۔
معلوم ہوتا ہے حضرت علیؓ کی مراد غزوہ احد سے ہوگی ورنہ حضرت طلحہ ؓ و زبیرؓ کے بارہ میں بھی نبی کریمؐ نے بعض او رمواقع پر یہ کلمات استعمال فرمائے۔
غزوہ احدہی کا واقعہ ہے جب ایک مشرک حملہ آورناپسندیدہ نعرے لگاتا بلند بانگ دعاوی اور تعلّی کرتا ہوا آگے بڑھ رہا تھا۔ نبی کریمﷺنے اس سے نبٹنے کا اشارہ فرمایا ۔ حضرت سعدؓ کا ترکش تیروں سے خالی تھا آپ نے تعمیل ارشاد کی خاطر زمین پر سے ایک بے پھل کا تیر اٹھایااور تاک کر اس مشرک کا نشانہ لیا۔ تیر عین اس کی پیشانی میں اس زور سے لگا کہ وہ بدحواسی میں برہنہ ہو کر وہیں ڈھیر ہوگیا۔ چندلمحے قبل اس کی تعلّیوں کے مقابل پر قدر ت خداوندی سے اس کا یہ انجام دیکھ کر اور اس کے شر سے محفوظ ہو کر نبی کریمؐ خوش ہو کر مسکرانے لگے ۔ احد میں دشمن اسلام طلحہ بن ابی طلحہ بھی حضرت سعدؓ کے تیر کا نشانہ بنا۔ابوعثمانؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ کے ساتھ ہونے والی بعض جنگوں میں آپؐ کے ساتھ بعض مواقع پر حضرت طلحہؓ اور حضرت سعدؓ کے سوا کوئی بھی موجود نہیں رہ سکا تھا۔ اس کے بعد حضرت سعدؓ فتح مکہ ، حنین اور تبوک کے غزوات میں رسول اللہﷺکے ہمرکاب رہے اور انہیں اپنی بہادری کے جوہر کھل کر دکھانے کا موقع ملتا رہا۔ایک دفعہ رسول کریمﷺ نے حضرت سعدؓکو دشمن کی خبر لانے کیلئے بھجوایا وہ دوڑتے ہوئے گئے اور واپس آہستہ چلتے ہوئے آئے رسول کریمؐ نے وجہ دریافت کی تو حضرت سعدؓ نے عرض کیا کہ واپسی پر میں اس لئے نہیں بھاگا کہ دشمن یہ نہ سمجھے کہ میں ڈر گیا ہوں اس پر نبی کریمﷺنے فرمایا کہ سعدؓ بڑا تجربہ کار آدمی ہے۔(10)
حضرت سعدؓ بجا طور پر اپنی ان خدمات کو ایک سعادت جانتے تھے ۔ جس کا اظہار انہوں نے اپنے ان اشعار میں بھی کیا ہے۔
اَ لَا ھَلْ اَتیٰ رَسُولَ اللّٰہ أَنِّیْ حَمَیْتُ صَحَاَبِتِی بِصُدُوْرِنَبْلِیْ
اَذُوْدُ بِھَاعَدُوَّھُمٗ زِیَادًا بِکُلِّ حَزُونَۃٍ وَ بِکُلِّ سَھْلِ
فَمَا یَعتَدُّ رَامٍ مِنْ مَعَدٍّ بِسَھمٍ مَعَ رَسُولِ اللّٰہِ قَبلِیْ
(ترجمہ)سنو! رسول اللہﷺپر جب بھی کوئی مشکل وقت آیا میں نے اپنے تیروں کی نوک سے اپنے ساتھیوں کا دفاع کیا۔ ان تیروں سے میں نے خوب خوب ان کے دشمن کو میدانوں اور پہاڑوں میں پسپا کیا۔ معدّقبیلہ کے کسی قابل ذکر تیر انداز کو مجھ سے پہلے رسول اللہﷺ کی معیت کی ایسی سعادت عطا نہیں ہوئی۔ (11)
رسول اللہﷺ کی دعا اور باعمر ہونے کی پیشگوئی
فتح مکہ کے موقع پر حضرت سعدؓ شدید بیمار ہوگئے۔ بچنے کی کوئی امید نہ رہی۔آپ مالدار انسان تھے اور اولاد صرف ایک بیٹی تھی، آ پ نے آنحضرتﷺکی خدمت میں اپنا پورا مال خدا کی راہ وقف کرنے کی اجازت چاہی ۔ حضورﷺنے فرمایاکہ یہ بہت زیادہ ہے ۔ حضرت سعدؓ نے کہا نصف مال ہی قبول کرلیں۔ حضورنے وہ بھی قبول نہ فرمایا تو حضرت سعدؓ نے ایک تہائی کی وصیت کی اجازت طلب کی۔ حضورؐ نے فرمایا کہ’’ ٹھیک ہے ایک تہائی مال کی وصیت کر دیں اگرچہ یہ بھی بہت ہے۔ اس سے زیادہ کی اجازت نہیں۔‘‘اس موقع پر نبی کریمﷺان کی عیادت کیلئے تشریف لائے، اللہ تعالیٰ نے حضرت سعدؓ کیلئے رسول اللہﷺ کی تشریف آوری کے نتیجہ میں عجب رحمت و برکت کے سامان پیدا فرما دئے۔انہوںنے نہایت حسرت بھری اشکبار آنکھوں کے ساتھ یہ عرض کیا ۔ یا رسولؐ اللہ اپنے وطن کی جس سرزمین کو خدا کی خاطر ہمیشہ کیلئے ترک کر دیا تھا اب میں اسی میں خاک ہوجائوں گا۔ کیا میری ہجرت ضائع ہوجائے گی؟ حضرت سعدؓ کے اس انداز نے رسول اللہﷺ کے دل میں دعا کی بے اختیار تڑپ پیدا کردی۔
آپ نے ا سی وقت بڑے اضطراب سے تکرار کے ساتھ یہ دعا کی اَللّٰھُمَّ اشْفِ سَعْداً!اے اللہ سعدؓ کو شفا عطا فرما یہ دعا ایسی قبول ہوئی کہ اس کی قبولیت کا علم پا کر نبی کریمؐ نے فرمایا ’’ اے سعدؓ خدا تجھے لمبی عمر عطا کرے گا اور تجھ سے بڑے بڑے کام لے گا اور تجھ پر موت نہیں آئے گی جب تک کہ کچھ قومیں تجھ سے نقصان اور کچھ فائدہ نہ اٹھالیں‘‘ پھر آپ نے یہ دعا کی کہ’’ اے اللہ میرے صحابہ کی ہجرت ان کیلئے جاری کردے ۔‘‘(12)رسول ؐاللہ کی دعا اور پیشگوئی کی برکت سے حضرت سعدؓ نے لمبی عمر پائی اور عظیم الشان اسلامی فتوحات کے ہیرو ثابت ہوئے۔ عراق و ایران کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا۔
حضر ت ابوبکر ؓ کے زمانہ میں آپ ہوازن کے عامل رہے۔ حضرت عمرؓ کے زمانہ میں ایرانیوں سے جنگیں لڑیں اور ان کے اکثر علاقے فتح کئے۔ قادسیہ کے میدان میں ایرانیوں سے تاریخی جنگ میں سپہ سالار رستم اور ہاتھیوں کی زبردست فوج کا مقابلہ کیا۔ حضرت سعدؓ اس وقت عرق النساء کی تکلیف سے بیمار تھے مگر آپ میدان جنگ کے قریب ایک قصر کے بالا خانے پر رونق افروز ہو کر جنگ میں اپنے قائمقام خالد بن عرطفہ کی رہنمائی فرماتے رہے وہ کاغذ پر ضروری ہدایات لکھ کر بھجواتے ایک دفعہ ایرانی ہاتھیوں کا ریلہ حملہ آور ہوا تو قریب تھا کہ بجیلہ قبیلہ کے سواروں کے پائوں اکھڑ جائیں حضرت سعدؓ نے قبیلہ اسد کو پیغام بھجوایا کہ ان کی مدد کرو۔ جب قبیلہ اسدپر حملہ ہوا تو قبیلہ تمیم کوجونیزہ بازی میں کمال رکھتے تھے کہلا بھیجا کہ تمہاری موجودگی میں ہاتھی آگے نہ بڑھنے پائیں وہ اپنے لئے امیر لشکر کا یہ پیغام سن کر اس جوش سے لڑے کہ جنگ کا نقشہ بدل کر رکھ دیا۔
جنگ قادسیہ کے دوسرے روز شام کی امدادی فوجوں کے پہنچنے سے مسلمانوں کا جوش و جذبہ اور بڑھ گیا۔ جنگ کے تیسرے روز حضرت سعدؓ نے اپنے چند بہادروں کو حکم دیاکہ اگر تم دشمن کے ہاتھیوں کو ختم کردو تو یہ جنگ جیتی جا سکتی ہے۔ چنانچہ انہوں نے چند بڑے بڑے ہاتھیوں کو مار ڈالا جس کے نتیجے میں باقی ہاتھی بھاگ نکلے۔ یوں بالآخر میدان حضرت سعد ؓکے ہاتھ رہا۔مشہور زمانہ پہلوان رستم میدان سے بھاگتا ہوا مارا گیا۔
جنگ قادسیہ کے بعد حضرت سعدؓ نے تما م عراقِ عرب کو زیر نگین کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ اس جنگ کے بعد ایرانیوں پر آپ کا اتنا رعب طار ی تھا کہ جس علاقے سے گزرے بڑے بڑے سرداروں نے خود آکر صلح کر لی ۔ حضرت سعدؓ نے بابل کو ایک ہی حملہ میں فتح کر لیا۔ پایہ تخت کے قریب بہر ہ شیر مقام پر کسریٰ کا شکاری شیر مقابلہ پر چھوڑا گیا جسے حضرت سعدؓ کے بھائی ہاشم نے تلوار سے کاٹ کر رکھ دیا۔ یہ قلعہ دوماہ کے محاصرہ کے بعد فتح ہوا۔ اب بہرہ شیر اور پایہ تخت مدائن کے درمیان صرف دریائے دجلہ حائل تھا۔ ایرانیوں نے سب پل توڑ کر بیکار کر دئے تب حضرت سعدؓاپنی فوج کو مخاطب ہوئے کہ ’’اے برادران اسلام دشمن نے ہر طرف سے مجبور ہو کر دریا کے دامن میں پناہ لی ہے آئو اسے بھی عبور کر جائیں تو فتح ہماری ہے۔‘‘یہ کہا اوراپنا گھوڑا دریائے دجلہ میں ڈال دیا۔
دشت تو دشت دریا بھی نہ چھوڑے ہم نے
بحر ظلمات میں دوڑا دئے گھوڑے ہم نے
فوج نے اپنے سپہ سالار کی بہادری دیکھی تو سب نے اپنے گھوڑے دریا میں ڈال دئے اور دوسرے کنارے پرجاپہنچے۔ ایرانی یہ غیر متوقع حملہ کو دیکھ کر بھاگے اور معمولی مقابلے کے بعد مسلمانوں نے مدائن فتح کر لیا۔ مدائن کے ویران محلات دیکھ کر حضرت سعدؓ کی زبان پر یہ آیات جاری ہو گئیں۔(13)
۔(الد خَان:26،27)
فتح مدائن عراق عرب پر تسلط قائم ہونے کی آخری کڑی تھی بڑے بڑے سرداروں سے صلح کے بعد تمام ملک میں امن و امان کی منادی کروا دی گئی۔ اس کے بعد حضرت سعدؓ نے جلولاء اور تکریت پر اسلامی جھنڈ ا لہرایا۔ اس سے آگے بڑھنے سے حضرت عمرؓ نے آپؓ کو رو ک دیا اور حکم دیا کہ پہلے مفتوح علاقوںکا نظم و نسق درست کیا جائے۔
حضر ت سعد ؓ نے اس کی تعمیل کی اور نہایت عمدگی سے انتظام سلطنت چلایا ۔ایرانیوں سے اس قدر محبت و الفت اور اعلیٰ اخلاق کا مظاہرہ کیا کہ ان کے دلوں میں گھر کر لیا۔ بڑے بڑے امراء اس وجہ سے مسلمان ہوئے ۔ دیلم کی چار ہزار فوج جو شاہی رسالہ کے نام سے مشہور تھی حلقہ بگوش اسلام ہوگئی۔
مدائن میں کچھ عرصہ قیام کے بعد حضرت سعدؓ نے فاتح فوج کیلئے حضرت عمرؓ کے حکم پر سرحدی علاقہ میں ایک نئے شہر کوفہ کی بنیاد رکھی ۔ جہاں مختلف قبائل کو الگ الگ محلوں میں آباد کیا۔ وسط شہر میں ایک عظیم الشان مسجد بنوائی جس میں چالیس ہزار نمازیوں کی گنجائش تھی ۔ اب کوفہ ایک لاکھ مسلمان سپاہیوں سے ایک فوجی چھائونی میں تبدیل ہو چکا تھا، حضرت سعدؓ کے بارہ میں کچھ انتظامی شکایات پیدا ہونے لگیں۔ حضرت عمرؓ نے تحقیق کروائی۔حضرت جریرؓ بن عبداللہ نے حضرت عمرؓ کو آکر بتایا کہ حضرت سعدؓ اپنی رعایا سے شفیق ماں کی طرح سلوک کرتے ہیں اور عوام کو قریش میں سے سب سے زیادہ محبوب شخصیت ہے۔‘‘حضرت عمرؓ نے یہ معلوم کرلینے کے باوجود کہ الزام بے بنیاد ہے کوفہ کی امارت کی تبدیلی کرنا ہی مناسب سمجھی اور حضرت سعدؓ مدینہ آکر آباد ہوگئے۔حضرت عمرؓ نے دوبارہ انکووالی کوفہ مقرر کرنا چاہا تو انہوں نے اہل کوفہ کی ناروا شکایات کی وجہ سے معذوری ظاہرکی جو حضرت عمرؓ نے قبول کی اورفرمایا کہ’’ میں نے سعدؓ کو ان کی کمزوری یا خیانت کی وجہ سے معزول نہیں کیا تھا اور آئندہ ان کو والی مقرر کرنے میں کوئی روک نہیں۔‘‘ حضرت عمرؓ کو آخر عمر تک آپ کی خاطر ملحوظ رہی۔ چنانچہ آپ نے انتخاب خلافت کمیٹی مقرر کی جو چھ افراد پر مشتمل تھی۔ ان میں حضرت سعدؓ کو بھی نامزد کیا اورفرمایاکہ اگر سعدؓ خلیفہ منتخب ہوئے تو ٹھیک ورنہ جو بھی خلیفہ ہوگا وہ بے شک ان سے خدمت لے۔(14)
حضرت عثمانؓ خلیفہ ہوئے تو حضرت سعدؓ دوبارہ کوفہ کے والی مقرر ہوئے اور تین سال یہ خدمت انجام دی۔ اس کے بعد حضرت سعدؓ نے مدینہ میں گوشہ نشینی کی زندگی اختیار کر لی ۔ حضرت عثمانؓ کے بعد حضرت علیؓ کے ہاتھ پر بیعت کی مگر امور مملکت سے بے تعلق رہے۔ اس زمانہ کی شورش اور جنگوں میں حصہ نہ لیا۔ اسی زمانے میں ایک دفعہ اونٹ چرا رہے تھے۔ بیٹے نے کہا کیا یہ مناسب ہے لوگ حکومت کیلئے زورآزمائی کریںاور آپ جنگل میں اونٹ چرائیں۔ آپؓ نے اسے یہ کہہ کر خامو ش کرا دیا کہ میں نے رسولؐ اللہ سے سنا ہے کہ’’ خدا مستغنی اورمتقی انسان سے محبت کرتا ہے۔‘‘
زہد و تقویٰ کا یہ عالم تھا کہ ایک آزمودہ کار جرنیل ہونے کے باوجود فتنے کے زمانہ میں کنج تنہائی اختیار کرنے کو ترجیح دی۔ کوئی پوچھتا تو فرماتے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا تھا ’’میرے بعد ایک فتنہ برپا ہوگا جس میں بیٹھنے والا کھڑے ہونے والے سے اور کھڑا ہونے والا چلنے والے سے بہتر ہوگا۔‘‘ امارت کی خواہش نہ تھی۔ حضرت عثمانؓ کی وفات کے بعد آپؓکے بیٹے عمرؓ اور بھائی نے کہاکہ اپنے لئے بیعت لیں۔اس وقت ایک لاکھ تلوار یں آپ کی منتظر اور ساتھ دینے کو تیار ہیں۔ آپؓ نے فرمایا ’’مجھے ان میں سے صرف ایک ایسی تلوا رچاہیے جو مومن پر کوئی اثر نہ کرے صرف کافر کوکاٹے۔‘‘ آپ اس فتنہ کے زمانہ میں گھر بیٹھ رہے اور فرمایا ’’مجھے اس وقت کوئی خبر بتانا جب امت ایک امام پر اکٹھی ہوجائے۔‘‘ امیر معاویہ نے بھی انہیں مدد کو بلایا تو انہوں نے انکار کر دیا۔
حضر ت عمرؓ نے حضرت سعدؓ کے بارے میںعمرو بن معدی کرب سے (جو انکے علاقہ سے آئے تھے) رائے لی تو انہوںنے بتایا کہ ’’سعدؓ اپنے خیمہ میں متواضع ہیں۔ اپنے لباس میں عربی ہیں، اپنی کھال میں شیر ہیں۔اپنے معاملات میں عدل کرتے ہیں ،تقسیم برابر کرتے ہیںاورلشکر میں دور رہتے ہیں،ہم پر مہربان والدہ کی طرح شفقت کرتے ہیں اور ہمارا حق ہم تک چیونٹی کی طرح(محنت سے) پہنچاتے ہیں۔‘‘
حضرت سعدؓ بیان کرتے تھے کہ ایک زمانہ تھا جب عسرت اور تنگی سے مجبور ہوکر ہمیں درختوں کے پتے بھی کھانے پڑے اور کوئی چیز کھانے کو میسر نہ ہوتی تھی ۔ اور ہم بکری کی طرح مینگنیاں کرتے تھے۔ (15)
جب حکومتوں کے مالک ہوئے تو خدا تعالیٰ نے ان مخلص خدام دین کو خوب نوازا۔ مختلف وقتوں میں نو بیویاں کیںسترہ لڑکے اورسترہ لڑکیاں ہوئیں۔ غذا اور لباس کی سادگی میں کوئی فرق نہ آیا۔ کبھی تکبر یا غرور پیدا نہیں ہوا۔ بلکہ سپہ سالاری اورگورنری کے اہم مناصب سے سبکدوش ہو نے کے بعد بھی بکریاں چرانے میں تامل نہیںکیا۔
رسول کریمﷺنے آپ کے حق میں ایک اور دعا مستجاب الدعوات ہونے کیلئے کی تھی کہ ’’اے اللہ سعدؓ جب دعا کرے اس کی دعا کو قبول کرنا‘‘یہ دعا مقبول ٹھہری اور حضرت سعدؓ کی دعائیں بہت قبول ہوتی تھیں لوگ آپ سے قبولیت دعا کی امید رکھتے اور بددعا سے ڈرتے تھے ۔(16)
عامربن سعد سے روایت ہے ایک دفعہ حضرت سعدؓ ایک ایسے شخص کے پاس سے گزرے جو حضرت علیؓ ،حضرت طلحہؓ اور حضرت زبیرؓ کو برا بھلا کہہ رہا تھا۔ حضرت سعدؓ نے اسے کہا کہ تم ایسے لوگوں کو برابھلا کہہ رہے ہو جن کے ساتھ اللہ کا معاملہ گزرچکا۔ خدا کی قسم تم ان کی گالی گلوچ سے باز آئو ورنہ میں تمہارے خلاف بددعا کروں گا۔ وہ کہنے لگا یہ مجھے ایسے ڈراتا ہے جیسے نبی ہو۔ حضرت سعدؓ نے کہا ’’اے اللہ! اگریہ ایسے لوگوں کو برا بھلا کہتا ہے جن کے ساتھ تیرا معاملہ گزر چکا تو اسے آج عبرت ناک سزا دے۔‘‘ اچانک ایک بدکی ہوئی اونٹنی آئی لوگوں نے اسے راستہ دیا اور اس اونٹنی نے اس شخص کوروند ڈالا۔ راوی کہتے ہیں میں نے لوگوں کو دیکھا وہ سعدؓ کے پیچھے جا کر بتار ہے تھے کہ اے ابواسحاق! اللہ نے تیری دعا قبول کرلی۔
امارت کوفہ کے زمانہ میں جس شخص نے آپ پر جھوٹے الزام لگائے تھے اس کے بارے میں بھی آپ کی دعا قبول ہوئی اوروہ خدائی گرفت میں آیا۔(17)
وفات
آپ مدینہ سے دس میل دور عقیق مقام پرسترسال کی عمر میں 55ھ میں فوت ہوئے۔جنازہ مدینہ لایا گیا۔ ازواج مطہرات کی خواہش پر اس بزرگ صحابی کاجنازہ کندھوں پرمسجد نبوی میں لایا گیا اور امہات المومنین بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئیں۔ مروان بن حکم نے آپ کی نماز جنازہ پڑھائی۔آپؓ جنت البقیع میں دفن ہوئے اور اپنے عظیم الشان کارناموں کی یادیں باقی چھوڑ گئے۔ آپ عشرہ مبشرہ میں سے تھے یعنی ان دس صحابہ میں سے جن کو رسول اللہﷺ نے اپنی زندگی میں جنت کی بشارت عطا فرمائی۔ رسول اللہﷺ کی دعا کی برکت سے لمبی عمر پائی اور عشرہ مبشرہ میں سے سب سے آخر میں فوت ہوئے۔آپ کا علمی پایہ بہت بلند تھا حضرت عمر ؓ بھی فرمایا کرتے تھے کہ’’ جب سعدؓ رسول اللہﷺ سے کوئی حدیث بیان کریں تو پھر اس بارہ میں کسی اور سے مت پوچھو۔‘‘
حضرت سعدؓ نہایت اعلیٰ اخلاق کے مالک تھے۔ خوف خدا اور عبادت گزاری کا یہ عالم تھا کہ رات کے آخری حصے میں مسجد نبوی میں آکر نمازیں ادا کرتے تھے ، طبیعت رہبانیت کی طرف مائل تھی۔ مگر فرماتے تھے کہ’’ رسول اللہﷺنے اگر اس سے روکا نہ ہوتا میں اسے ضرور اختیار کر لیتا۔‘‘ نظر بہت تیز تھی ایک دفعہ دور سے کچھ ھیولا سا نظر آیا تو ہمراہیوں سے پوچھا کیا ہے؟انہوں نے کہا پرندے جیسی کوئی چیز۔حضرت سعدؓ نے کہامجھے تو اونٹ پر سوار نظر آتا ہے، کچھ دیر بعدواقعی سعدؓ کے چچا اونٹ پر آئے۔
آ پ بہت نڈر اور جری انسان تھے۔ جس بات کو حق سمجھتے اس کا اظہار فرماتے۔ ایک دفعہ نبی کریمﷺنے کچھ لوگوںمیں مال تقسیم کیا اور ایک ایسے شخص کو کچھ عطا نہ فرمایا جو سعدؓ کے نزدیک مخلص مومن تھا۔ انہوں نے آنحضورﷺسے اس کا ذکر کیا تو آپؐ نے ٹال دیا جب دوسری یا تیسری مرتبہ سعدؓ نے باصرار اپنا سوال دہرایا کہ یہ شخص میرے نزدیک مخلص مومن ہے اور عطیہ کا حقدار ہے تو حضورؐ نے فرمایا کہ اے سعدؓ! بسااوقات میں ان کو عطا کرتا ہوں جن سے تالیف قلبی کی ضرورت ہوتی ہے اور ان کو چھوڑ دیتا ہوں جو مجھے زیادہ عزیز ہوتے ہیں ۔ تب حضرت سعدؓ کی تسلی ہوئی۔
حضرت سعدؓ ان بزرگ صحابہ میں سے تھے جن سے بوقت وفات رسولؐاللہ راضی تھے۔ رسول کریمﷺنے حجۃ الوداع سے واپسی پر مدینہ میں ایک خطبہ میں عشرہ مبشرہ کے نام لے کر ذکر فرمایا کہ آپ ان سے راضی ہیں۔ ان کا مقام پہچانو اور ان سے حسن سلوک کرو۔ ان میں حضرت سعدؓ کابھی لیا ۔
کتنے خوش نصیب تھے سعدؓ اورا سم بامُسَمَّی بھی کہ خدا کے رسولؐ نے ان سے راضی ہونے کا اعلان کرکے رضائے الہٰی کی کلید ان کو عطا فر مادی۔(18)

حوالہ جات
1-
ترمذی کتاب المناقب باب مناقب سعدؓ،اسد الغابہ جلد2ص 390
2-
بخاری کتاب المناقب باب مناقب سعدؓ،اسد الغابہ جلد3ص 390تا 392
3-
ابن سعد جلد3ص 139
4-
مسلم کتاب الفضائل باب فضل سعدؓ،اسد الغابہ جلد3ص 292
5-
اسد الغابہ جلد2ص 391
-6
منتخب کنز العمال برحاشیہ مسند جلد5ص 71
7-
مسلم کتاب الفضائل باب فضل سعدؓ،ابن سعد جلد3ص 140-141،اصابہ جز 3ص 84
8-
ابن سعد جلد3ص 142
9-
اسد الغابہ جلد 2ص 392
10-
بخاری کتاب المناقب باب مناقب سعدؓ،ابن سعد جلد3ص 141
11-
مسلم کتاب الفضائل باب فضل سعدؓ،ابن سعد جلد 3ص 142،مجمع الزوائد جلد 9ص 155
12-
بخاری کتاب المغازی و ابن سعد جلد 3ص 144
13-
بخاری کتاب المناقب باب مناقب سعدؓ،استیعاب جلد 3ص 172،
کامل ابن اثیر مترجم جلد 3ص 198تا295و ص 251تاص254
-14
اصابہ جز3ص 84،استیعاب جلد 3ص 173
-15
ابن سعد جلد 3ص 140،اصابہ جز3ص 84،استیعاب جلد 3ص 173،اسد الغابہ ذکر سعدؓ
-16
مستدرک حاکم جلد 3ص 500،مجمع الزوائد جلد 9ص 154
-17
اصابہ جز 3ص 83،استیعاب جلد 3ص 172
-18
اصابہ جز 3ص 84،مجمع الزوائد جلد 9ص 157

حضرت سعید بن زیدؓ
نام ونسب
آپ کا نام سعید والدہ کا نام فاطمہ اور والد زید بن عمرو بن نُفیل تھے۔ قد لمبااور بال بڑے اور گھنے تھے۔ حضرت سعیدؓ کا نسب دسویں پشت میں نبی کریم ﷺسے اور تیسری پشت میں حضرت عمرؓ سے مل جاتا ہے۔(1)
ان کے والد زید وہ خوش قسمت انسان تھے جو جاہلیت کے تاریک دور میں بھی روشنی کا ایک چراغ تھے۔اُس زمانے میں بھی وہ خالص دینِ ابراہیمی اور توحید پرقائم اور جاہلیت کی تمام بدرسوم سے محفوظ تھے حتی کہ بتوں کے نام پر ذبح ہونے والے جانوروں کا گوشت بھی آپ نہیں کھایا کرتے تھے۔
توحیدپرست خاندان
ایک دفعہ آنحضرت ﷺکی اپنی بعثت سے قبل وادیٔ بلدح میں زید سے ملاقات ہوئی آنحضور ؐ کے سامنے کھانا پیش کیاگیا۔آپ نے مشرکین کا کھانا پسند نہیں فرمایا۔ حضرت زیدؓ کے سامنے بھی جب یہ کھانا پیش ہوا تو انہوں نے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ ’’میں تمہارے بتوں کا چڑھاوا اور ان کے نام کا ذبیحہ نہیں کھاتا۔‘‘(2)
حضرت سعیدؓ کے والد زید نے اپنے علاقہ میں شرک کی تاریکی سے نجات حاصل کرنے اور نورِ ہدایت کی تلاش میں دُوردراز کے سفر کئے۔ شام میں ایک یہودی خداترس عالم سے ملاقات ہوئی۔ اس نے کہا کہ’’ خدا کے غضب سے حصہ لینا ہے تو ہمارا مذہب اختیارکرلو‘‘ زید نے کہا کہ خدا کے غضب ہی سے تو میں بھاگ کر آیاہوں۔ کوئی اور مذہب بتادو۔ اس نے کہا کہ’’ دین حنیف اختیار کرلو جو مؤحد ابراہیم کا مذہب تھا جو یہودی تھے نہ عیسائی۔‘‘ وہاں سے چلے تو تلاش حق میں وہ ایک خدا ترس عیسائی عالم سے جاکر ملے اس نے صاف کہہ دیا کہ’’ خدا کی *** کا طوق چاہتے ہوتو ہمارے مذہب میں آجائو۔‘‘زید نے کہا ’’پھر مجھے کوئی ایسا مذہب بتائو جس پر خدا کی *** نہ ہو۔‘‘ اس نے بھی مشورہ دیا کہ ’’دین ابراہیمی کی پیروی کرو۔‘‘انہوں نے کہا ’’اس کا مجھے علم ہے اور اسی دین پر میں قائم ہوں۔ رہی ان پتھروں اور لکڑی کی صلیب کی عبادت جن کوخود ہاتھ سے تراشا جائے ان کی کیاحقیقت ہوسکتی ہے؟‘‘(3)
تب زیدشام سے واپس لوٹے اور ہاتھ اُٹھا کر دعا کی کہ’’ خدایا! توگواہ رہ میں دین ابراہیمی کا پیروہوں‘‘اور زید کو بجا طور پر اپنی اس سعادت پر فخر تھا۔
حُجیربن ابی اھاب سے روایت ہے کہ سفر شام سے واپسی پرمیں نے زید بن عمرو کو بُوانہ بت کے پاس دیکھا کہ وہ غروب آفتاب کا انتظار کرتے رہے پھر انہوں نے خانہ کعبہ کی طرف منہ کرکے دورکعت نماز ادا کی۔ پھر کہا ’’یہ ابراہیم ؑ و اسماعیل ؑکا قبلہ ہے۔میں بتوں کی پرستش نہیں کرتا، نہ ان کی خاطر نماز پڑھتا ہوں نہ ہی ان کے لئے قربانی دیتا ہوں۔ نہ ان پر چڑھائی گئی قربانی کا گوشت کھاتا ہوں۔ نہ تیروں سے قسمت معلوم کرتاہوں۔‘‘ زیدحج میں عرفات میں ٹھہرتے اور یہ تلبیہ پڑھتے تھے لَبَّیْکَ لَاشَرِیْکَ لَکَ وَلَا نِدَّلَکَ۔ میں حاضرہوں تیراکوئی شریک نہیں نہ تیرا کوئی ہمسر ہے۔ پھر عرفہ سے واپس آتے ہوئے کہتے میں حاضرہوں تیری عبادت کرنے والا۔ تیر اغلام۔(4)
زید ہی تھے جنہوںنے جاہلیت اور شرک کے اس گہوارہ مکّہ میں یہ نعرہ بلند کیا تھا۔
اَرَبَّاً وَّاحِدً أَمْ اَلْفُ رَبٍّ
تَرَکْتُ اللَّاتَ وَالْعُزّٰی جَمِیْعًا
أَدِیْنُ اِذَا تَقَسَّمَتِ الأُمُوْرُ
کَذَالِکَ یَفْعَلُ الرَّجَلُ الْبَصِیْرٗ
یعنی کیا میں ایک خدا پر ایمان لائوں یا ایک ہزار ایسے بتوں کو خدامانوں۔ جنہوں نے معاملات میں تقسیم کار کی ہوئی ہے ہرگز نہیں۔ میں نے لات و عزیٰ کو چھوڑ دیا ہے اور ہر صاحب بصیرت انسان ایساہی کرے گا۔
حضرت اسماء بنت ابی بکرؓ بیان کرتی ہیں کہ ایک دفعہ میں نے زید کو کعبہ کے پاس یہ کہتے سنا ۔ ’’اے گروہ قریش خدا کی قسم! میرے سوا تم میں سے کوئی بھی دینِ ابراہیمی پرقائم نہیں۔‘‘
عامربن ربیعہ بیان کرتے ہیں کہ زید شرک اور بت برستی کے برخلاف ہوکر اپنی قوم سے کنارہ کش تھے ایک دفعہ مجھ سے کہا کہ ’’میں بنی اسماعیل میں سے ایک نبی کا منتظر ہوں۔ نامعلوم مجھے اس کا زمانہ میسر آسکے گایا نہیں؟ مگر میں اس پر ایمان لاتاہوں کہ وہ نبی ہے۔ تمہاری زندگی میں اگر وہ آگیا تو تم اسے میراسلام پہنچانا۔‘‘عامرکہتے ہیں رسول اللہﷺ کے دعویٰ کے بعد میں مسلمان ہواتوحضوؐر کو زید کا سلام پہنچایا۔‘‘رسول اللہﷺ نے فرمایا’’ اس پر بھی سلام ہو اوراللہ اس پر رحم کرے۔ ‘‘پھر فرمایا کہ’’ میں نے زید کو جنت میں اپنی چادر گھسیٹ کر چلتے دیکھا ہے۔‘‘(5)
بعض عربوں میںجاہلیت کی ایک بدرسم لڑکیوں کو زندہ درگور کرنا تھی۔ زید نے معصوم بچیوں کے حق میں آواز بلند کی۔ آپ ایسی بچیوں کی کفالت اپنے ذمّہ میں لے کر ان کی جان کے لئے اَمان مہیا کیاکرتے تھے۔بچی کے جوان ہونے پر والدین سے کہتے کہ چاہوتو تمہیں واپس کردیتا ہوں کہو تو اس کے سارے انتظام (شادی بیاہ وغیرہ )خود کرتا ہوں۔(6)
زید کے بیٹے سعید بیان کرتے ہیں کہ ایک دفعہ میں نے عرض کیا یا رسول اللہﷺمیرا باپ اگر آپ کا زمانہ پاتا تو ضرور ایمان لے آتا آپ اس کے لئے خداسے بخشش طلب کریں۔ نبی کریمﷺ نے زید کے لئے بخشش کی دعا کی اور فرمایا ’’وہ قیامت کے دن ایک امت ہوگا۔‘‘(7)
نبی کریمﷺ کے ارشاد کے بعد مسلمان جب بھی سعید کے والد کا ذکرکرتے تو ان کے لئے بخشش اور رحم کی دعا کرتے۔ (8)
قبول اسلام کے بعد استقامت اور اسکی برکت
حضرت سعیدؓ بن زیدایسے مؤحد انسان کی اولاد تھے۔ جب رسول اللہﷺ نے توحید کی آواز بلند کی تو حضرت سعیدؓ اوّلین لبیک کہنے والوںمیں سے ہوئے۔ ان کی بیوی فاطمہؓ جو حضرت عمرؓ کی سگی بہن تھیں ساتھ ہی مسلمان ہوگئیں۔ حضرت عمرؓ کو خبر ہوئی تو سخت ردّعمل دکھایا انہیں قید وبند کی صعوبت دی۔ (9)حضرت عمرؓایک دفعہ غصے میں ان کے پاس پہنچے اور مارمار کر لہولہان کردیا۔ حضرت فاطمہؓ نے کہا اے عمر جو چاہو کر لو اب اس دل سے اسلام تو نہیں نکل سکتا۔زخمی ہوکر ان کے پائے ثبات میں کوئی لغزش نہ دیکھ کر حضرت عمرؓ کا دل پسیجا اور انہوں نے وہ کلام سننے کی خواہش کی جو یہ دونوں پڑھ رہے تھے۔ کلام پاک کی عظمت وشوکت کا ایسا اثر ہوا کہ حضرت عمرؓ کی کایا پلٹ گئی۔ اور رسول اللہﷺ کی خدمت میں حاضر ہوکر اسلام قبول کرلیا۔(10)
غزوات میں شرکت
ہجرت مدینہ کے وقت حضرت سعیدؓ ابتدائی مہاجرین کے ساتھ مدینہ پہنچے رسول اللہﷺ نے حضرت رافع بن مالک انصاریؓ کے ساتھ ان کی مؤاخات قائم فرمائی۔
۲ ہجری میں حضرت سعیدؓ اور حضرت طلحہؓ کو آنحضرتﷺنے ایک مہم کے سلسلے میں شام کی طرف بھجوایا۔ان کا مقصد قریش کے تجارتی قافلے کے بارے میں معلومات حاصل کرنا تھیں۔ اس مہم سے واپسی تک غزوہ بدر کا معرکہ سَرہوچکا تھا۔ رسول اللہ ﷺفتح کے ساتھ بدر سے واپس لوٹ رہے تھے۔حضرت سعیدؓ کو چونکہ دینی خدمت پر مامور ہونے کے باعث بدر کی شرکت سے محروم رہنا پڑا تھا اس لئے آنحضرتﷺ نے انہیں بدر کی غنیمت سے حصّہ عطافرمایا اور جہاد کے ثواب کی نوید بھی سنائی۔ حضرت سعیدؓ کو تمام غزوات میں آنحضرتﷺ کے ہمرکاب رہنے کی توفیق نصیب ہوئی۔(11)
شوق جہاد
حضرت عمرؓ کے زمانہ خلافت میں حضرت ابوعبیدہؓ کے ذریعہ شام فتح ہوا۔ حضرت سعیدؓ ان کی پیدل فوج کے افسر تھے۔محاصرہ دمشق اور جنگ یرموک میں انہیں نمایاں شجاعت کے مواقع عطاہوئے۔ آپ کچھ عرصہ دمشق کے گورنر بھی رہے۔ مگر شوق جہاد کا یہ عالم تھا کہ حضرت ابوعبیدہ ؓ کو لکھا کہ میں جہاد سے محروم رہنا نہیں چاہتا اس لئے میر ایہ خط پہنچتے ہی کسی کو میری جگہ دمشق میں بھجوانے کی ہدایت فرمائیںتاکہ میں جہاد کے لئے آپ کی خدمت میں حاضر ہوسکوں۔ چنانچہ ان کی جگہ یزید بن ابی سفیان کو دمشق کا گورنرمقررکیاگیا۔
حضرت سعیدؓ نہایت نیک طبع اور مستغنی مزاج انسان تھے۔ عقیق کی جاگیر پر گزربسر تھی۔ ایک عورت ارویٰ نے جس کی زمین آپ کے رقبہ کے ساتھ ملتی تھی ان کی زمین پر اپنی ملکیت کا دعویٰ کردیاتو آپ اپنی جاگیر سے دستبردار ہوگئے اور کہا کہ یہ اس عورت کو دے دو۔ میں نے رسول اللہﷺ سے سنا ہے کہ جو شخص ناحق کسی کی زمین ایک بالشت بھی لیتا ہے اسے قیامت کے دن سات زمینوں کا بوجھ اُٹھاناہوگا۔(12)
قبولیت دعا
حق وباطل میں فرق کی خاطر اس عورت کے بارہ میں حضرت سعیدؓ نے دعا کی کہ ’’اے اللہ اگریہ مظلوم نہیں ظالم ہے تو یہ اندھی ہوکر اپنے کنوئیں میں گرے اور میرا حق ظاہر کردے تامسلمانوں پرروشن ہوکہ میں ظالم نہیں ہوں۔‘‘ خدا کی شان کہ وادی عقیق میں سیلاب آنے سے زمین کی حدیں بھی ظاہر ہوگئیں اور وہ بڑھیا اسی طرح اندھی ہوکر ہلاک ہوئی اور عبرت کاایسا نشان بنی کہ مدینہ کے لوگوں میں ضرب المثل بن گئی ۔لوگ جس کوبددعا دیتے کہتے کہ خدا اُسے ارویٰ کی طرح اندھا کرے۔(13)
حضرت سعیدؓ اپنے زہدو ورع کے باعث فتنوں اورشورشوں سے محفوظ رہے۔وہ فتنوں کے بارے میں رسول کریمﷺکی یہ حدیث بیان فرماتے تھے کہ آپؐ نے فرمایا تاریک رات کی طرح فتنے ہونگے جن میں لوگ بہت تیزی سے داخل ہونگے۔ پوچھاگیا کیا وہ سب ہلاک ہونگے یا بعض۔ سعیدؓ کہنے لگے ان کے لئے قتل کافی ہے۔(14)
حضرت عثمانؓ کی شہادت کے بعد حضرت سعیدؓ مسجد کوفہ میں فرمایا کرتے کہ’’ خلیفۂ وقت کے ساتھ جو سلوک ہوا اُس سے اگر اُحد کا پہاڑ بھی لرزاُٹھے تو تعجب کی بات نہیں۔‘‘(15)
حضرت سعیدؓ عشرہ مبشرہ میں سے تھے۔ یعنی اُن دس صحابہ میں جنہیں رسول کریم ﷺنے اُن کی زندگی میں جنت کی خوش خبری دی تھی۔ بلاشبہ یہ عظیم الشان اعزاز تھا۔
حق گوئی
آپ حق گو اور بے باک تھے۔ حضرت مغیرہؓ بن شعبہ امیر معاویہؓ کی طرف سے کوفہ کے گورنر تھے۔ ایک روز وہ جامع مسجد میں تشریف فرماتھے کہ حضرت سعیدؓ تشریف لائے۔ انہوں نے نہایت عزت وتکریم کے ساتھ ان کا استقبال کیا اور اپنے پاس بٹھایا۔دریں اثناء اہل کوفہ میں سے ایک شخص آیا اور حضرت علیؓ کو برا بھلا کہنا شروع کردیا۔حضرت سعیدؓ اس پر سخت ناراض ہوئے اور کہا کہ میں نے رسول کریمؐکو فرماتے سنااور مجھے ہرگزاس کی کوئی ضرورت نہیں کہ میں وہ کہوں جو رسول ؐاللہ نے نہیں فرمایا اور کل جب میں آپؐ سے ملوں تو میری بازبُرس ہو۔ آپؐ نے فرمایا تھا۔ابوبکرؓ،عمرؓ، عثمانؓ ،علیؓ،طلحہؓ، زبیرؓ بن العوام، سعدؓ اور عبدالرحمانؓ بن عوف جنت میں ہونگے اور اگر میں چاہتاتو دسویں کا بھی نام لے دیتا۔پوچھا گیاوہ کون ہے آپ خاموش رہے پھر پوچھا گیاتوکہا میں یعنی سعیدؓ بن زید۔پھر کہنے لگے ان میں سے کسی ایک شخص کا رسول اللہﷺ کے ساتھ کسی غزوہ میں شامل ہونا جس میں آپؐ کاچہرہ غبارآلودہ ہوا تمہارے عمربھر کے اعمال سے بہتر ہے خواہ تمہیں عمرنوحؑ عطاکی جائے۔ (16)
روایات حدیث
حضرت سعید ؓ کی روایات حدیث اگرچہ بہت قلیل ہیں مگر ان سے آپ کے ذوق کا اندازہ ضرور ہوتا ہے۔یہ روایات وضو اوراس کے آداب ،ایمانیات اور حب انصار سے متعلق ہیں۔ حضرت سعیدؓبیان کرتے تھے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا جو وضوء نہیں کرتا اس کی نماز نہیںہوتی اور جو وضوء کرتے ہوئے اللہ کا نام نہیںلیتا اس کا وضوء نہیں ہوتا۔ اور وہ اللہ پر ایمان نہیں لاتا جو مجھ پر ایمان نہیںلاتا اور جو انصار سے محبت نہیں کرتا۔(17)
بنی نوع انسان کے حقوق کی ادائیگی کے لحاظ سے بھی حضرت سعید ؓ اعلیٰ مقام پر تھے اور اکثر یہ حدیث سنایاکرتے تھے کی سب سے بڑا سودیعنی حرام چیزمسلمان کی عزت پر ناحق حملہ ہے۔اسی طرح بیان کیا کہ رِحم مادر کا لفظ اللہ کی صفت رحمان سے نکلا ہے جو قطع رحمی کرتا ہے اللہ تعالیٰ اس پر جنت حرام کردیتا ہے۔(18)
ایک اور روایت آپؓ سے مروی ہے کہ جو شخص اپنے مال و جان ،اہل وعیال اور دین کی حفاظت میں مارا جائے وہ شہید ہے۔(19)
وفات
حضرت سعیدؓ خاموش طبع اورگوشہ نشین قسم کے بزرگ تھے۔ اس لئے ان کے بہت کم حالات کتابوں میں ملتے ہیں۔ بلاشبہ آپ کی زندگی جنتیوں کی طرح پر سکون زندگی تھی۔ تبھی تو خدا ذوا لعرش کی طرف سے آپ کو جنتی ہونے کی عظیم الشان بشارت آنحضرتؐ کے ذریعہ سے عطاہوئی۔ آپ کی وفات عقیق میں50یا 51ھ میں جمعہ کے روز ہوئی۔سترسال سے زائد عمر پائی۔ (20)
حضرت عبداللہ ؓبن عمر نے نماز جمعہ کی تیاری کرتے ہوئے جب یہ المناک خبر سنی تو فوراً عقیق روانہ ہوگئے۔ جہاں حضرت سعد ؓبن ابی وقاص نے حضرت سعیدؓ کو غسل دیا۔ حضرت عبداللہؓ بن عمر نے نماز جنازہ پڑھائی۔ مدینہ لاکر حضرت سعیدؓ کو سپردِخاک کیاگیا۔(21)
حضرت سعیدؓ نے مختلف وقتوں میں نوشادیاں کیں۔ ان بیویوں اور لونڈیوں سے کثیر اولاد ہوئی۔ آپ کے تیرہ لڑکوں اورسولہلڑکیوں کے نام ملتے ہیں۔
حوالہ جات
1-
اسد الغابہ جلد2ص306
2-
بخاری کتاب مناقب الانصار باب حدیث زید بن عمرو
3-
ابن سعد جلد3ص379
4-
ابن سعدجلد3ص380
5-
ابن سعد جلد 3ص379
6-
ابن سعد جلد3ص381
7-
مسند احمد بن حنبل جلد1،مسند سعیدص
8-
ابن سعد جلد3ص381
9-
بخاری کتاب المناقب باب اسلام سعیدؓ بن زید
10-
ابن سعد جلد3ص268
-11
الاصابہ جز 3ص 97
12-
مسلم کتاب المساقاہ باب تحریم الظلم
13-
اصابہ جز3ص97
-14
مسنداحمد جلد1ص 189
-15
بخاری کتاب المناقب باب اسلام سعید ؓ بن زید
-16
ابودائود کتاب السنۃ فضائل العشرۃ
-17
مسند احمد جلد6ص 382
-18
مسند احمد جلد1ص 190
-19
مسند احمد جلد 1ص 187
-20
الاصابہ جلد3ص97و مسند احمد جز1ص 221
-21
ابن سعد جلد3ص384


حضرت زبیرؓ بن العوام
نام ونسب
آپ کا نام زبیرؓ والد کا نام عوام اور والدہ کا نام صفیہ تھاکنیت ابو عبداللہ تھی۔ نسب پانچویں پشت میں نبی کریمﷺسے مل جاتا ہے۔آپ کی والدہ حضرت صفیہؓ آنحضرت ﷺ کی پھوپھی تھیں۔اور ام المومنین حضرت خدیجہؓ کے آپ حقیقی بھتیجے تھے۔حضرت ابو بکر ؓ کے داماد ہونے کے لحاظ سے آنحضرتﷺسے ہم زلف ہونے کی نسبت بھی تھی۔
آپ ہجرت نبوی سے28سال قبل پیدا ہوئے۔والد بچپن میں انتقال کر گئے تھے۔ والدہ نے تربیت میں تادیب اور سختی سے کام لیا۔آپ کہا کرتی تھیں کہ اس کا مقصد زبیر کو ایک دانا اور بہادر انسان بنانا ہے۔لڑکپن کا واقعہ ہے مکہ میں ایک نوجوان کے ساتھ آپ کا جھگڑا ہو گیا۔ اس کو ایسا مُکہّ مارا کہ اس کاہاتھ ٹوٹ گیا۔حضرت صفیہّؓ کو خبر پہنچی تو اس زمانہ کے حالات کے لحاظ سے انہوں نے بڑا دلچسپ تبصرہ کیا۔شکایت کرنے والوں سے پوچھا پہلے بتاؤ کہ تم نے زبیر کو کیسا پایا ۔بہادر یا بزدل؟(1)
حضرت زبیرؓ کا قد لمبا تھا سواری پر بیٹھتے تو پائوں زمین کو چھوتے اور رنگ سفید،جسم ہلکا پھرتیلا،رخسار ہلکے،داڑھی بھی ہلکی اور سرخی مائل تھی۔(2)
قبول اسلام اور تکالیف
حضرت زبیرؓ نے سولہ برس کی عمر میں پانچویں یا چھٹے نمبر پر اسلام قبول کیا۔اور قبول اسلام میں سبقت لینے والوں میں آپ کا ممتاز مقام تھا۔کم سن ہونے کے باوجودبہادری اور جانثاری آپ کا طرّہ امتیاز تھی۔ مکہ میںابتداء میںآپ کی مؤاخات حضرت عبداللہؓبن مسعودسے ہوئی۔قبول اسلام کے بعد کوئی ایسا غزوہ نہیں ہوا جس میں انہوں نے رسول اللہ ﷺکے ساتھ شرکت نہ کی ہو۔(3)
اسلام کے ابتدائی زمانہ مخالفت کی بات ہے کسی نے مشہورکردیا کہ نبی کریم ؐکو مشرکین نے گرفتار کرلیا ہے۔حضرت زبیرؓ نے سنتے ہی تلوار سونتی اور فوراً رسول اللہ ؐ کے پاس پہنچے۔ حضور نے دیکھ کر پوچھا یہ کیا۔ عرض کیا کہ حضورؐ میں توآپؐ کی گرفتاری کا سن کر دیوانہ وار آپ کی طرف چلا آیا ہوں۔ رسول اللہ ؐنے نہ صرف اس جانثار فدائی کیلئے دعا کی بلکہ آپ کی تلوار کیلئے بھی دعا کی۔(4)
ابتدائے اسلام میں حضرت زبیرؓ پربھی بہت سختیاں ہوئیں ان کا چچا ان کو چٹائی میں باندھ کر دھوئیں کی دھونی دیتا آپ کا دم گھٹنے لگتا۔ مگر آپ کلمۂ توحید کو چھوڑنے کے لئے تیار نہ ہوئے۔اور ہمیشہ یہی کہتے رہے کہ جوچاہو کرلو میں اس دین سے انکار نہیں کرسکتا۔(5)
ظلم وستم انتہا کو پہنچا توحبشہ ہجرت کی اور پھر کچھ عرصہ کے بعد مدینہ ہجرت کی سعادت پائی۔ مکّے میں قیام کے دوران بعد میںرسول اللہ ﷺنے حضرت طلحہؓ کوبھی آپ کا بھائی قراردیا۔
شجاعت
ہجرت مدینہ کے بعد حضرت سلمہ ؓبن سلامہ سے بھائی چارہ ہوا جو بیعت عقبہ میں شریک ہونے والے انصار میں سے معزز بزرگ تھے۔آپ کی شجاعت و بہادری ضرب المثل تھی۔ غزوہ بدر میں زرد رنگ کا عمامہ سر پہ باندھ رکھا تھا۔مسلمانوں کے پاس کل دو گھوڑوں میں سے ایک پر وہ سوار تھے۔ اس جنگ میں وہ اس جانبازی اور دلیری سے لڑے کہ جس طرف نکل جاتے دشمن کی صفیں تہہ و بالا کرکے رکھ دیتے۔مشہور تھا کہ اس روز فرشتے بھی زبیر ؓ کی پگڑی جیسی زرد پگڑیاں پہنے نازل ہوئے تھے۔(6)
ایک مشرک نے بلند ٹیلے پر کھڑے ہوکر دعوتِ مبارزت دی حضرت زبیرؓ لپک کر اس پر حملہ آور ہوئے۔ مگر تھوڑی دیر میں قلابازیاں کھاتے ہوئے ٹیلے سے نیچے آنے لگے۔ آنحضرتﷺنے فرمایا کہ دونوں میں سے جو پہلے زمین پر آرہے گا وہی ہلاک ہوگا۔ اور ایساہی ہو اوہ مشرک پہلے زمین پر گرا اور مارا گیا۔
میدان بدر میں ایک اور سُورما عبیدہ بن سعید سر سے پائوں تک زرہ بند تھا اور صرف آنکھیں کھلی ہوئی تھیں۔حضرت زبیرؓ اس کے مقابلے میں بھی نکلے اور تاک کر اُس کی آنکھ میں ایسا نیزہ مارا کہ وہ دوسری طرف سے باہر نکل گیا۔ اس کی لاش پر بیٹھ کر بمشکل کھینچ کر نیزہ نکالا گیا تو پھل ٹیڑھا ہوچکاتھا۔ آنحضرت ؐ نے زبیر کی بہادری کے نشان کے طور پر وہ نیزہ حضرت زبیرؓ سے مانگ کر اپنے پاس رکھ لیا تھا۔ حضوؐر کی وفات کے بعد خلفائے راشدین میں یہ امانت بطور تبرک منتقل ہوتی رہی۔ یہاںتک کہ حضرت عثمانؓ کے بعد حضرت زبیرؓ کے بیٹے حضرت عبداللہؓ کے پاس یہ نیزہ پہنچا۔ جو ان کی وفات تک ان کے پاس رہا۔
حضرت زبیرؓ نے جس بے جگری سے میدان بدر میں داد شجاعت دی اس کا اندازہ اس سے کیا جاسکتا ہے کہ سارا بدن زخموں سے چھلنی تھا۔ ایک زخم تو اتنا گہرا تھا کہ ہمیشہ کے لئے بدن میں گڑھا پڑ گیا۔ آپؓ کی تلوار میں بدر کے دن گردنیں مارتے مارتے دندانے پڑگئے تھے۔ بلاشبہ آپ کی اس بہادری پر عرب کے شاعرکا یہ شعرصادق آتا ہے
وَلَا عَیبَ فِیھِم غَیرَ أنَّ سُیُوُفَھُم بِھِنَّ فُلُولٌ مِن کِرَ ا عِ الکَتَائِبٖ
کہ ان بہادروں میں کوئی عیب نہیں۔ اگر ہے تو بس یہ کہ ان کی تلواروں میں لڑائی اور جنگ آزمائی کے باعث بہت دندانے پڑچکے ہیں۔ اور یوں عرب شاعر نے بظاہر مذمت میں لپٹی ہوئی ان بہادروں کی مردانگی کی ایسی اعلیٰ درجہ کی تعریف کردی کہ اس سے بڑھ کر اور کیا تعریف ہوگی ۔(7)
غزوہ احد اور خندق میں جانثاری
غزوہ احد میں مشرکین کے اچانک حملے کے وقت جب بڑے بڑے غازیوں کے پائوں اکھڑ گئے اورجو چودہ صحابہؓ ثابت قدم رہے ان میں جانثارحواری رسول حضرت زبیرؓ بھی تھے۔
جنگ احد میں مشرکین کے واپس جانے کے بعدرسول کریمﷺنے جب بعض اطلاعات کی بناء پر یہ خطرہ محسوس کیا کہ دشمن پھر پلٹ کر حملہ آور ہونے کا ارادہ رکھتا ہے تو آپؐ نے فرمایا ہم ان کا تعاقب کریں گے کون ساتھ دے گا۔تب ستر صحابہ آپ کے ساتھ اس تعاقب میں شریک ہوئے۔ حضرت عائشہ ؓ حضرت عروہؓ سے فرماتی تھیں ان میں تمہارے نانا ابوبکرؓ اور دادا حضرت زبیر ؓ بھی تھے۔(8)
غزوہ خندق میں حضرت زبیرؓ کی ڈیوٹی خواتین کی حفاظت پر تھی جس کا حق آپ نے خوب ادا کیا۔ مدینہ کے یہود بنو قریظہ کے ساتھ اگرچہ مسلمانوں کا معاہدہ تھالیکن مشرکین عرب کا چاروں طرف سے مدینہ پر ہجوم دیکھ کر وہ بھی بدعہدی پر اترآئے۔ یہ شدید سردی کے دن تھے۔ رسول اللہ ﷺنے صحابہ کو آواز دی کہ کوئی ہے جو بنو قریظہ کی خبر لائے؟ مارے سردی کے ان کی آواز نہیں نکل رہی تھی۔ تین مرتبہ حضورؐ کے آواز دینے پر ہر دفعہ ایک ہی آواز آئی اور یہ آواز جس بہادر اور جری پہلوان کی تھی وہ زبیرؓ تھے۔انہوں نے ہر دفعہ لبیک کہا اور عرض کیا یارسول اللہ ﷺمیرے ماں باپ آپؐ پر قربان!میں اس خدمت کے لئے حاضر ہوں۔ پھر زبیرؓ جاکر دشمن کی خبریں لے آئے۔ جب آپ واپس لوٹے تو رسول اللہﷺ نے آپ کی فدائیت سے خوش ہوکر فرمایا ’’ہر نبی کا ایک حواری یعنی خاص مددگارہوتا ہے اور میرا حواری زبیر ہے۔‘‘(9)اس طرح فرمایا ’’اے زبیرؓ! میرے ماں باپ آپ پر قربان ہوں!‘‘حضرت زبیرؓ کو حدیبیہ میں بھی شرکت کی توفیق ملی اور رسول کریمؐ نے بدر اور حدیبیہ میں شرکت کرنے والوں کے بارہ میں فرمایا تھا کہ ان میں سے کوئی آگ میں داخل نہ ہوگا۔
غزوہ خیبر میں بہادری
پھرغزوۂ خیبر کا موقع آیا تو یہود خیبر کا رئیس اور بہادر مرحب حضرت علیؓ سے مقابلہ کرتے ہوئے مارا گیا۔ اس کا بھائی یاسر نہایت غضبناک ہوکر اپنے بھائی کا انتقام لینے کیلئے میدان میں نکلا۔ اور کہا کہ کوئی ہے جو میرے مقابلے پہ آئے حضرت زبیرؓ نے آگے بڑھ کر اس کا مقابلہ کیا۔ اور اس دیوہیکل انسان کے مقابلے پر حضرت زبیرؓ کو جاتے دیکھ کر ماں کی ممتا جاگی۔ آپ کی والدہ صفیہؓ پریشان ہوکر کہنے لگیں کہ آج زبیرؓ کی خیر نہیں۔ مگر رسول خداﷺنے فرمایا نہیں ایسانہیںہوگا۔ زبیرؓ اس پرلازماً غالب آئے گا۔ چنانچہ انہوںنے چند ہی لمحوں میں اس بہادر کو زیر کرلیا۔
فتح مکہ اور حنین میں خدمات
فتح مکہ کے موقع پر بھی حضرت زبیرؓ کو کلیدی خدمات کی توفیق ملی۔ پہلے آپ کو حضرت علی ؓ کے ساتھ اس مہم میں شامل ہونے کا شرف حاصل ہوا۔ جو ایک مخبری کرنے والی شُتر سوار عورت کو گرفتار کرنے کے لئے رسول خدا ﷺنے اللہ تعالیٰ سے علم پاکربھجوائی تھی۔ اور اس سے آپ کامیاب و کامران واپس لوٹے۔ مکّے میں داخلے کا وقت آیا دس ہزارقدوسیوں کے لشکر کے چھوٹے چھوٹے دستے بنائے گئے۔آخری دستہ وہ تھا جس میں خود آنحضرتﷺ موجود تھے اور اس دستہ کے علمبردار حضرت زبیرؓ تھے۔ مکہ میںفاتحانہ شان سے داخل ہونے کے بعد حضرت زبیرؓ اور حضرت مقداؓد گھوڑوں پر سوار آنحضرت ؐ کی خدمت میں حاضر ہوئے۔ حضورﷺ نے خود بڑی محبت کے ساتھ اپنے دست مبارک سے ان مجاہدوں کے چہروں سے گردو غبار صاف کی اور ان کے مالِ غنیمت کے حصے کا اعلان کرتے ہوئے فرمایا کہ گھوڑسواروں کے لئے ہم نے عام مجاہدین سے دوگنے حصے مقرر کئے ہیں۔ یہ گویا حضرت زبیر ؓ کی شاندار خدمات پر حضورؐ کی طرف سے انعام کا اعلان تھا۔(10)
فتح مکہ کے بعد حنین کا معرکہ پیش آیا۔ حنین کی گھاٹیوں میں چھپے ہوئے تیر انداز مسلمان مجاہدین کی نقل و حرکت دیکھ رہے تھے۔ حضرت زبیرؓ کی بہادری اتنی زبان زد عام اور ضرب المثل تھی کہ کمین گاہوں میں چھپے ہوئے دشمنوں پر جب آپ نے حملے کا ارادہ کیا تو دشمنوں میں سے ایک شخص نے آپ کو پہچان لیا۔ وہ بے اختیار اپنے ساتھیوں کو پکا رکرکہنے لگا۔ لات و عُزّی کی قسم یہ طویل القامت شہ سوار یقینا زبیرؓ ہے۔ اس کا حملہ بڑاخطرناک ہوتا ہے تیا ر ہوجائو۔ اس اعلان کی دیرتھی کہ حضرت زبیرؓ پر ایک دستے نے تیروں کی بوچھاڑکردی۔ حضرت زبیرؓ نے نہایت جرأت اور دانشمندی کے ساتھ اس حملے کامقابلہ کیا اور یہ گھاٹی دشمنوں سے بالکل خالی کرواکردم لیا۔
جنگ یرموک میں شجاعت
جنگ یرموک میں بھی حضرت زبیرؓ کی غیر معمولی شجاعت دیکھنے میں آئی دورانِ جنگ ایک دفعہ چند نوجوانوں نے زبیرؓ سے کہا کہ اگر آپ دشمن کے قلب لشکر میں گھس کر حملہ کریں تو ہم آپ کا ساتھ دیں گے۔ حضرت زبیرؓ کو تائید الہٰی سے اپنی قوتِ بازوپر ایسا اعتماد تھا فرمانے لگے تم میرا ساتھ نہیں دے سکتے مگرجب ان سب نوجوانوں نے اصرار کیا تو آپؓ نے ان نوجوان بہادروں کے دستے کو ساتھ لیا اور دشمن کے قلب لشکر پر حملہ کردیا۔ رومی فوج کے قلب کو چیرتے ہوئے تنہا لشکر کے اس پار نکل گئے تمام ساتھی پیچھے رہ گئے تھے پھر آپؓ حملہ کرتے ہوئے واپس لوٹے تو رومیوں نے گھوڑے کی باگ پکڑلی اور گھیراڈال کر ہرطرف سے آپ پر حملہ آور ہوگئے او ر سخت زخمی کردیا۔ آپ کی گردن پرتلواروں کے اتنے کاری زخم آئے کہ اچھے ہونے کے بعد بھی اس میں گڑھے باقی رہ گئے۔
حضرت عروہ ؓکہا کرتے تھے حضرت زبیرؓ کی پشت پر بدر کے زخم کے بعد یرموک کے زخم کا گڑھا تھا جس میں انگلیاں داخل کرکے میں بچپن میں کھیلا کرتا تھا۔(11)
موصل کے ایک بزرگ کی روایت ہے کہ ایک سفر میں میں حضرت زبیرؓ کے ہمراہ تھا انہیں غسل کی ضرورت پیش آئی۔ میں نے ان کیلئے پردہ کیامیری نظر ان کے جسم پر پڑی تو وہ تلواروں کے نشانوں سے جگہ جگہ کٹا ہوا تھا ۔میں نے کہا کہ ایسے زخموں کے نشان میں نے کسی شخص پر نہیں دیکھے انہوں نے فرمایا ان میں ہر زخم رسول اللہﷺکے ساتھ خدا کی راہ میں لگا ۔ (12)
ایسے حیرت انگیز مجاہدوں کی شجاعت اور قربانیوں کا ہی نتیجہ تھا کہ رومی فوج بھاگ گئی اور یرموک کے میدان میںمسلمانوں کو فتح ہوئی۔اوروہ ملک شام کے تاج وتخت کے وارث بنے۔
فتح شام کے بعد حضرت عمروبن العاص ؓ نے مصر کا قصد کیا۔حضرت عمرؓ نے ان کی مدد کے لئے دس ہزار کی فوج اور چارافسروں کی کمک بھیجی او رلکھا کہ ان افسروں میں سے ایک ایک ہزار سوار کے برابر ہے۔ ان میں سے ایک کمانڈرحضرت زبیرؓ بھی تھے۔ حضرت عمروبن العاصؓ نے محاصرہ فسطاط کے جملہ انتظامات ان کے سپرد فرمائے تھے۔ سات ماہ ہوگئے محاصرہ ٹوٹنے کو نہ آتا تھا۔ حضر ت زبیر ؓ نے ایک دن تنگ آکر کہا کہ آج میں مسلمانوں پر اپنی جان فدا کرتا ہوں۔ یہ کہہ کر ننگی تلوار ہاتھ میں لئے اور قلعہ کی دیوار کے ساتھ سیڑھی لٹکائی اور اوپر چڑھ گئے تاکہ فصیل کو پھلانگ کر قلعے میں داخل ہوجائیں۔ چند اور صحابہ نے بھی ساتھ دیا۔ فصیل پر پہنچ کر سب نے ایک ساتھ نعرہ ہائے تکبیر بلند کئے۔ تمام فوج نے جواباً ساتھ دیا ۔فسطاط کی سرزمین نعرہ ہائے تکبیر سے دہل اُٹھی۔ عیسائی سمجھے کہ مسلمان قلعے کے اندر گُھس آئے ہیں وہ بدحواس ہوکر بھاگے۔ دریں اثناء حضرت زبیرؓ نے موقع پاکر قلعے کا دروازہ کھول دیا۔ اسلامی فوج اندر داخل ہوگئی اور مقوقس شاہ مصر کی درخواست پر ان کے ساتھ صلح کا معاہدہ طے پایا۔
خلفاء کا اعتماد
حضرت عمرؓ نے حضرت زبیرؓ کی ذہانت وفراست اور آپ کی خدمات کے باعث انتخاب خلافت کمیٹی میں آپ کا بھی نام مقررفرمایا تھا ۔ حضرت عثمان ؓکے زمانہ میںحضرت زبیرؓ بڑھاپے کی عمر میں داخل ہوچکے تھے، اس لئے خاموشی سے باقی زندگی بسرکردی۔ حضرت عثمان ؓ آپؓ پر بہت اعتماد کرتے تھے۔چنانچہ اپنی خلافت کے زمانہ میں حضرت عثمانؓ جب شدیدنکسیر پھوٹنے سے بہت زیادہ بیمار ہوگئے۔ اس سال حج پر بھی نہیں جاسکے اور اپنی نازک حالت کی بناء پر ذاتی وصیت تک بھی کردی تو قریش کے بعض لوگوں نے عرض کیا کہ اپنے بعد جانشین مقرر کر دیں۔ آپؓ نے مشورہ کرتے ہوئے فرمایا کسے جانشین کروں؟ اس سلسلہ میں حضرت زبیرؓ کا نام آنے پر حضرت عثمانؓ نے فرمایا اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے جہاں تک میرا علم ہے وہ سب سے بہتر ہے اور وہ رسول اللہ ﷺ کو بھی بہت زیادہ پیارے تھے۔(13)
۳۵ ہجری میں فتنہ پردازوں نے حضرت عثمان ؓ کے گھر کا محاصرہ کرلیا۔ تو حضرت زبیرؓ نے اپنے صاحبزادے حضرت عبداللہؓ کو خلیفہ وقت کی حفاظت کے لئے بھجوایا۔ حضرت عثمانؓ کی شہادت کے بعد حضرت زبیرؓ نے رات کے وقت نماز جنازہ ادا کرکے ان کی وصیت کے مطابق مضافاتِ مدینہ میں سپردخاک کیا۔
جنت کی بشارت
آپ نہایت اعلیٰ اخلاق کے مالک انسان تھے حضرت زبیرؓ کو رسول اللہﷺ نے آپ کی زندگی میں جنت کی بشارت دی تھی اور وہ عشرہ مبشرہ میں سے تھے۔
حضرت زبیرؓ نے ۳۶ ھ میں ۶۴ برس کی عمر میں جام شہادت نوش فرمایا۔ ایک دفعہ رسول کریمﷺ، ابو بکرؓ،عمرؓ،عثمانؓ،علیؓ،طلحہؓ اور زبیرؓ کے ساتھ حراء پہاڑ پر تھے۔ اس میں حرکت پیدا ہوئی رسول اللہﷺ نے فرمایا اے حراء !تھم جا کہ تجھ پر سوائے نبی، صدیق اور شہید کے کوئی نہیں۔ (14)
حضرت زبیرؓ فرمایا کرتے تھے کہ میرے جسم کا کوئی عضوایسا نہیں جو رسول اللہﷺکی معیت میں زخمی نہ ہوا ہو۔ (15)
خشیّت الہٰی
حددرجہ احتیاط اور خشیّت الہٰی کا یہ عالم تھا کہ آپ آنحضرتﷺ کی روایات بھی کثرت سے بیان نہیں کرتے تھے۔ایک دفعہ آپ کے صاحبزادے حضرت عبداللہؓ نے عرض کیا کہ دیگر صحابہ کی طرح کثرت سے احادیث کیوں بیان نہیں کرتے فرمایا جب سے اسلام لایا ہوں رسول اللہﷺ سے جدا نہیں ہوا۔ مگررسول اللہﷺکی اس تنبیہہ سے ڈرتا ہوں۔ کہ’’ جس نے میری طرف غلط بات منسوب کی وہ اپنا ٹھکانہ جہنم میں بنالے۔‘‘(16)
خداخوفی، حق پسندی، بے نیازی، سخاوت اور ایثار حضرت زبیرؓ کے خاص اوصاف تھے۔آپ کی شجاعت اور مردانگی کا ذکر گزر چکا ہے۔ اسکندریہ کے محاصرہ نے طول کھینچا توآپ نے سیڑھی لگا کر قلعے کی فصیل پارکرنا چاہی ساتھیوں نے کہا کہ قلعے میں سخت طاعون کی وَبا ہے؟آپ نے بے دھڑک فرمایا کہ ہم بھی طعن و طاعون کے لئے ہی آئے ہیں۔ پھرموت کا کیا خوف یہ کہا اور سیڑھی لگا کر دیوار پر چڑھ گئے۔(17)
حضرت زبیر ؓ کو رسول اللہﷺنے جو حواری رسول کا لقب عطافرمایا تھا۔آپؐ کے اس ساتھی میں آنحضورﷺ کے پاکیزہ اخلاق جلوہ گر تھے۔ امانت ودیانت کا یہ عالم تھا کہ لوگ کثرت سے امانتیں آپ کے پاس رکھتے تھے۔
فیاضی و عطا
حضرت زبیرؓ مالدارانسان تھے۔ مگر اس سے کہیں بڑھ کر وہ فیاض تھے۔آپؓ کے ایک ہزار غلام تھے جو روزانہ اجرت پر کام کرکے خاص رقم لے کر آتے تھے مگرکبھی آپؓ نے یہ مال اپنے اوپر خرچ کرنا پسند نہ کیا بلکہ جو آتا وہ خدا کی راہ میں صدقہ کردیتے۔
اصل ذریعہ معاش تجارت تھا۔ مال غنیمت سے بھی اس بہادرمجاہد نے بہت حصّے پائے۔ آپ کے تمام اموال کا تخمینہ اس زمانے میں پانچ کروڑ دولاکھ درہم مکانات اور جائیداد غیرمنقولہ کی صورت میں تھا۔ رسول کریم ﷺنے بھی آپ کو مدینہ میں ایک وسیع قطعہ برائے مکان اور بنی نضیر کی اراضی میں سے بھی ایک قطعہ زمین عطا فرما یا تھا۔(18)مقام جُرف اور وادی عقیق میں بھی آپ کی جاگیر تھی۔جو حضرت ابوبکرؓ نے عطا کی تھی۔
تربیت اولاد
اولاد سے بہت محبت تھی۔ اور ان کی تربیت کا بہت خیال رکھتے تھے۔ اپنے نو بیٹوں کے نام بدر اوراحدمیں شہید ہونے والے بزرگ صحابہ کے نام پر رکھے جیسے عبداللہ ؓ،حمزہؓ،جعفرؓ۔ اس تمنا کے اظہار کیلئے کہ خداکی راہ میں قربان ہوجائیں۔(19)اور ان میں بھی اپنی طرح شجاعانہ رنگ پیداکرنا چاہتے تھے۔ جنگ یرموک کے وقت حضرت عبداللہ بن زبیرؓ کی عمر صرف دس سال تھی۔ حضرت زبیرؓ انہیں جنگ بد رمیں ساتھ لے گئے اور گھوڑے پر سوار کرکے میدان جنگ میں ایک آدمی کے سپردکیا ۔ تاکہ جنگ کے ہولناک مناظر دیکھ کر ان میں جرأت پیدا ہو۔اسی تربیت کا اثرتھا کہ حضرت عبداللہ بن زبیرؓ اپنے وقت کے بہادر اورشجاع انسان ٹھہرے۔
آپ کی طبیعت میں سادگی تھی۔ مال ودولت کی فراوانی کے باوجود اسراف کی طرف مائل نہیں ہوئے۔ البتہ آلاتِ حرب کا بہت شوق تھا۔ جو یقینا جہاد کی محبت کی وجہ سے تھا۔ حضرت عثمان ؓ کی شہادت کے بعد جو شورش ہوئی اس میں آپ کی رائے بھی قاتلین عثمانؓ سے قصاص کے حق میں تھی ۔ جبکہ بلوہ کی صورت میں ہونے والی اس شہادت کے قاتلوں کی تعیین اور بار ثبوت اپنی جگہ ایک مسئلہ تھی۔ اس اختلاف رائے میںہی حضرت عائشہؓ او رحضرت علیؓ کے مابین جنگ جمل میں آمنا سامنا ہوا۔ حضرت زبیر ؓ اور حضرت طلحہؓ حضرت عائشہؓ کے ہمراہ تھے۔حضرت علیؓ نے حضرت زبیرؓ سے کہا کہ اگر آپ ہمارا ساتھ نہیں دیتے تو ہمارے خلاف بھی کسی کی مدد نہ کریں حضرت زبیرؓ نے عرض کیا آپ پسند کرتے ہیں کہ میں آپؓ کے مقابلہ سے دستبردار ہوجائوں۔حضرت علی ؓ نے کہا کہ میں کیسے نہ پسند کروں گا جبکہ آپ ؓ رسول اللہﷺکے پھوپھی زاد ہیں اور دیگر فضائل بیان کئے جس پر زبیرؓ راضی ہوگئے۔ (20)پھر حضرت ابن عباسؓ وغیرہ نے بھی توجہ دلائی تو آپ نے رائے بدل لی اور میدان جنگ سے واپس لوٹ آئے اس دوران ایک ظالم نے آپ پر حملہ کرکے شہید کر دیا۔ حضرت علیؓ کو اس کی اطلاع ہوئی تو انہوں نے فرمایا کہ زبیرؓ کے قاتل کو جہنم کی خبر دے دو۔
اس طرح حضرت علی ؓ نے فرمایا کہ میں امید کرتا ہوں کہ طلحہ ؓ اور زبیرؓ ان لوگوں میں سے ہیں جن کے حق میں اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی ہے کہ ۔وَ نَزَ عْنَا مَا فِیْ صُدُوْرِھِمْ مِّنْ غِلٍّ اِخْوَاناً عَلیٰ سُرُرٍ مُّتَقٰبِلِینَ(الحجر:47) کہ ہم ان (جنتیوں) کے سینوں سے کینہ نکال باہر کریں گے۔ وہ آمنے سامنے تختوں پر بیٹھے بھائی بھائی ہوں گے۔
جنگ جمل میں کنارہ کشی کے باوجود بعض فتنہ پردازوں نے آپ کو سازش سے شہید کیا۔ نیزہ کے پہلے حملہ کے بعد حضرت زبیرؓ نے دفاع کیا تو حملہ آور کو اندازہ ہوگیا کہ وہ بچ نہیں سکے گا تب اس نے اللہ کا واسطہ دے کر امان چاہی تو آپ نے تلوار روک لی۔اس نے پھر ساتھیوں کی مدد سے آپؓ کو شہید کیا۔(21)
حضرت زبیرؓ کی وفات پر حضرت حسانؓ بن ثابت نے اپنے اشعار میں ان کو خوب خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اَقَامَ عَلیٰ عَھْد النَّبِیِّ وَھَدْیِہٖ حَوَارِیُّہ وَالقَولُ بِا لفِعْلِ یَعْدِلُ
ھُوَالفَارِسُ المََشھُورُ وَالبَطَلُ الَّذِی یَصُوْلُ اِذَا مَا کَانَ یَوْمٌ مُحَجَّلٗ
اِذَا کَشَفَتْ عَنْ سَا قِھَا الحَرْبُ حَشَّھَا بَاَ بیَضََ سَبَّا قٌ اِلَیْ الْمَوتِ یَر مُلٗ(22)
یعنی کہ حواری رسول ﷺحضرت زبیرؓ نے نبی کریمﷺکی سنت اور آپ کے عہد پر خوب قائم رہ کر دکھا دیا اور وہ قول کو فعل کے برابر کرتے تھے یعنی جو کہتے تھے اس پر عمل کرتے۔وہی مشہور شہ سوار اور بہادر انسان تھے کہ جب دن روشن ہوتا تو وہ حملہ آور ہوتے تھے۔(رات کو حملہ نہ کرتے)جب جنگ میں گھمسان کا رن ہوتا تو وہ اسے دہکا کر سفید کرتے اور دوڑتے ہوئے پہلے موت کی طرف بڑھنے کی کوشش کرتے۔
حضرت زبیرؓ بیان کرتے تھے کہ رسول کریمﷺنے میرے لئے اور میری اولاد کیلئے بھی دعا کی تھی ۔ رسولؐاللہ نے فرمایا’’تم میں سے جس کا واسطہ زبیرؓ سے پڑے تو زبیرؓاسلام کا ستون ہے۔(23)
حضرت عمرؓ فرماتے تھے اگر میں کوئی عہدکروں یا ترکہ کی وصیت کسی کے حق میں کروں تو پسند کروں گا کہ زیبرؓ کے حق میں کروں کہ وہ ارکان دین میں سے ہے۔
حوالہ جات
-1
اصابہ جز3ص 6
-2
ابن سعد جلد3ص107،مجمع الزوائد جلد 9ص 150،متنخب کنزالعمال برحاشیہ مسند جلد 5ص 70
-3
ابن سعد جلد3ص102
-4
اسد الغابہ جلد2ص197
-5
مجمع الزوائد جلد9ص 151
-6
اسد الغابہ جلد2ص 197،ابن سعد جلد3ص 102
-7
بخاری کتاب المغازی باب غزوہ بدر
-8
منتخب کنز العمال برحاشیہ مسند جلد 5ص 69،بخاری کتاب المغازی
-9
بخاری کتاب المناقب باب مناقب زبیرؓ،استیعاب جلد 2ص 91
-10
ابن ہشام جلد 3ص 385
-11
ابن سعد جلد 3ص 104
-12
بخاری کتاب المناقب باب مناقب زبیرؓ
-13
مجمع الزوائد جلد 9ص 150
-14
فتوح البلدان ص 220
-15
بخاری کتاب المناقب باب مناقب الزبیرؓ
-16
مسلم کتاب الفضائل باب فضائل طلحہ و الزبیرؓو اسد الغابہ جلد 2ص 197
-17
ترمذی کتاب المناقب باب منی عضوا للہ الاو قد جرح
-18
ابن سعد جلد3ص 107
-19
ابن سعد جلد3ص 107
-20
استیعاب جلد 2ص 92،ابن سعد جلد 3ص 110
-21
ابن سعد جلد 3ص 110تا113
-22
مجمع الزوائد جلد 9ص 151
-23
منتخب کنز العمال برحاشیہ مسند جلد 5ص 68

حضرت طلحہ بن عبیداللہؓ
نام ونسب
طلحہؓ کے والد عبیدا للہ بن عثمان اور والدہ صعبہ بنت عبد اللہ تھیں ساتویں پشت میں مرہ بن کعب پر آپ کا نسب رسول کریمﷺسے مل جاتاہے۔آپ کے والد آپ کے قبول اسلام سے قبل ہی وفات پاگئے تھے۔ البتہ والد ہ صاحبہ نے اسلام قبول کیا اورلمبی عمر پائی۔ شہادت عثمانؓؓ کے وقت بھی وہ زندہ تھیں۔ چنانچہ محاصرہ کے وقت یہ غیور خاتون اپنے گھر سے باہر آئیں اور اپنے بیٹے طلحہؓ سے کہا کہ وہ اپنے اثر سے معاندوں کو دور کریں حضرت صعبہؓ قریباً ۸۰ سال تک زندہ رہیں۔ حضرت طلحہؓ دعویٰ نبوت سے کوئی ۲۵ برس قبل پیدا ہوئے۔ ان کا رنگ گندمی اور چہرہ خوبصور ت تھا۔ بال زیادہ تھے مگر بہت گھنگھریالے نہ تھے۔بالوں کو خضاب نہیں لگاتے تھے۔
قبول اسلام اور تکالیف
عرب دستو رکے مطابق ہوش سنبھالتے ہی تجارتی مشاغل میں مصروف ہوئے۔ جوانی میں دور دراز کے تجارتی سفروں کے مواقع میسر آئے اپنے تجارتی سفروں کے دوران شام کے شہر بصرہ میں ایک راہب سے ان کی ملاقات ہوئی اس نے پوچھا کہ کیا’’احمد‘‘ظاہر ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کون احمد؟اس نے کہاابن عبد اللہ بن عبد المطلب۔’’ اس نے اسی مہینہ میں ظاہر ہونا تھااور وہ آخری نبی ہے اور اس نے حرم سے ظاہر ہو کر کھجوروں والی جگہ کی طرف ہجرت کرنی ہے۔پس تم اس سے محروم نہ رہنا۔‘‘حضرت طلحہؓ کہتے ہیں اسی وقت سے یہ بات میرے دل میں گڑ گئی۔ واپس مکہ آیا تو رسول کریمؐ کی بعثت کا علم ہوا۔ صدیق اکبرؓ کی صحبت اور دوستی کے ذریعہ سے ایک روز رسول کریم ﷺکی خدمت میں بازیابی کا موقع ملا اور حضرت ابوبکر صدیقؓ کی دعوت الی اللہ کے نتیجہ میں آپؓ نے اسلام قبول کرلیا۔(1)انہیںآغاز اسلام میں ابتدائی آٹھ ایمان لانے والوں میں شامل ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ قبولِ اسلام کے بعد آپ بھی دیگر مسلمانوں کی طرح کفار کے مظالم کا تختۂ مشق ستم بنتے رہے۔آپ کا بھائی عثمان آپ کو اور آپ کے مسلمان کرنے والے ساتھی حضرت ابوبکر ؓ کو ایک ہی رسی میں باندھ کر مارا کرتا مگر یہ ظلم و استبداد استقامت کے ان شہزادوں میں کوئی لغزش پیدا نہ کرسکا۔(2) مکہ میں قیام کے دوران رسول کریمﷺنے حضرت طلحہؓ کو حضرت زبیرؓ کا بھائی بناکر روحانی اخوت کا نیا رشتہ عطا کیا۔ذریعہ معاش تجارت تھا۔ ہجرت مدینہ کے وقت آپ ملک شام اپنے تجارتی قافلے کے ساتھ گئے ہوئے تھے۔ واپسی پر رسول کریمﷺاور حضرت ابوبکرؓ سے ملاقات ہوئی اور حضرت طلحہ ؓ کو ان کی خدمت میں کچھ شامی لباسوں کا تحفہ پیش کرنے کی سعادت بھی حاصل ہوئی۔آپ نے اہل مدینہ کے یہ احوال بھی رسول اللہ ﷺکی خدمت میں عرض کئے کہ وہ کس طرح بے چینی سے سراپا انتظار ہیں۔ خود حضرت طلحہؓ نے مکہ پہنچ کر تجارتی امو رسمیٹے ،اور پروگرام کے مطابق حضرت ابوبکرؓ کے اہل و عیال کو لے کر مدینہ روانہ ہوئے۔ مدینہ پہنچ کر آپ حضرت اسعدؓ بن زرارہ کے مہمان ٹھہرے اور رسول کریم ؐ نے حضرت ابیؓ بن کعب انصاری کے ساتھ آپ کا بھائی چارہ کروایا۔(3)
غزوات میں شرکت اور فدائیت
ہجرت کے دوسرے سال سے غزوات کا سلسلہ شروع ہوا تو غزوہ بدر میں حضرت طلحہؓ شامل نہ ہوسکے رسول اللہ ﷺنے آپ کو مدینہ میں شام کی طرف قافلہ قریش کی اطلاعات لینے کیلئے بھجوایا تھا۔ مگر رسول اللہﷺنے نہ صرف آپ کو بدر کے مال غنیمت سے حصہ عطافرمایا بلکہ یہ ارشاد فرمایا کہ آپ جہاد کے ثواب سے بھی محروم نہیں ہیں۔ کیونکہ آپ خدا کی خاطر جہاد کی نیت اور ارادے رکھتے تھے (4) ایک سال بعد میدان احد میں آپ کو اپنی دلی تمنائیں پوری کرنے کے خوب خوب مواقع ملے۔ چنانچہ احد کے میدان میں کفار کے دوسرے حملہ کے نتیجے میں جب مسلمانوں کی صفوں میں بھگدڑ مچی تو صرف چند صحابہ ثابت قدم رہ سکے ۔حضرت طلحہؓ ان میں سرفہرست تھے جو رسول خداﷺ کے آگے وہاں سینہ سپر ہورہے تھے، جہاں بلا کارَن پڑ رہا تھا۔ کفار اپنی تمام تر قوت جمع کرکے بانی اسلام کو نشانہ بنارہے تھے۔ چاروں طرف سے تیروں کی بارش ہورہی تھی۔ نیزے اور تلواریں چمک رہی تھیں ۔ بہادر اور جانباز طلحہ ؓنے جیسے عہد کررکھا تھا کہ خود قربان ہو جائیں گے مگر اپنے آقا پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے وہ تیروں کو اپنے ہاتھوں پہ لیتے تو نیزوں اورتلواروں کے سامنے اپنا سینہ تان لیتے ۔احد میں صحابہ کی ایک جماعت نے رسول کریمﷺکے ہاتھ پر موت پر بیعت کی تھی ان میں طلحہؓ بھی شامل تھے جنہوں نے اس عہدکا حق ادا کر دکھایا۔(5)
نبی کریمﷺ جنگ کا نقشہ ملاحظہ فرمانے کے لئے ذرا اونچا ہوکر حالات جنگ کو دیکھنا چاہتے تو حضرت طلحہؓ گھمسان کے اس رَن میں اپنے آقا کے لئے بے چین و بے قرار ہوجاتے اور عرض کرتے لَا تُشْرِفْ یُصِیْبُکَ سَھْمٌ مِنْ سِھَامِ الْقَوْمِ۔ رسول اللہﷺ آپ دشمن کی طرف جھانک کر بھی مت دیکھیے کہیں کوئی ناگہانی تیر آکے آپ کو لگ جائے نَحْرِی دُوْنَ نَحْرِکَ یَارَسُولَ اللّٰہِ۔ میرے آقا میرا سینہ آپ کے سینہ کے آگے سَپر ہے۔(6) کبھی دشمن ہجوم کرکے آپ پر حملہ آور ہوتے تو آپ شیروں کی طرح ایسے جھپٹتے کہ دشمن کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کرکے آپ رسول ؐاللہ کو ان کے نرغے سے نکال لاتے۔ایک دفعہ ایک ظالم نے کسی ہلّہ میں موقع پاکر رسول کریمﷺپر تلوار کا بھرپور وار کیا۔ حضرت طلحہؓ نے اپنے ہاتھ پر لیا اور انگلیاں کٹ کر رہ گئیں تو زبان سے کوئی آہ نہیں نکلی بلکہ کہا کہ بہت خوب ہوا کہ طلحہؓ رسول خداﷺ کی حفاظت میں ’ٹنڈا ‘‘ہوگیا۔ ’’طلحۃ الشلائ‘‘ کے نام سے آپؓ مشہور تھے(7) یعنی ٹنڈا طلحہ اور بجاطور پر آپ کو حفاظت رسولؐ میں ٹنڈا ہونے پر فخر تھا۔الغرض حضرت طلحہؓ اسی جانبازی اور بہادری سے رسول اللہﷺ کی حفاظت پر کمر بستہ رہے۔یہاںتک کہ دیگر صحابہ بھی مدد کو آپہنچے تو مشرکین کے حملہ کی شدت میں کچھ کمی آئی۔ رسول خدا ؐ کو حضرت طلحہ ؓنے اپنی پشت پر سوار کیا اور اُحد پہاڑی کے دامن میں ایک محفوظ مقام پر پہنچادیا اس موقع پر رسولؐاللہ نے فرمایا کہ طلحہؓنے آج جنت واجب کرلی۔ حضرت طلحہؓ کا سار ا بدن زخموں سے چھلنی ہوگیا تھا۔ حضرت ابوبکرؓ صدیق نے آپ کے بدن پر ستر سے زیادہ زخم شمارکئے آپ کہا کرتے تھے کہ احد کا دن تو طلحہؓ کا دن تھا۔ خود رسولؐ اللہ نے آپ کی جانبازی کو دیکھ کر آپ کو ’’طلحۃ الخیر‘‘ کا لقب عطافرمایا کہ طلحہؓ توسراسر خیروبھلائی کا پتلا نکلا اور یہ تو مجسم خیر ہے ۔ حضرت عمرؓ آپ کو صاحب احد کہہ کر خراج تحسین پیش کیا کرتے تھے کیونکہ احد کے روز حفاظتِ رسولؐ کا سہرا آپ ہی کے سرتھا۔ نیزآپ کو خود اپنی اس غیرمعمولی خدمت پر بجاطور پر فخرتھا اور خاص انداز سے یہ واقعہ سنایا کرتے تھے۔ رسول کریم ﷺ نے فرمایا کہ احد میں ایسا وقت بھی آیا کہ دائیں جبریلؑ اوربائیںطلحہؓ کے سوا کوئی نہ تھا۔(8)غزوہ احد کے بعد کے غزوات میں بھی حضرت طلحہؓ نمایاں خدمات کی توفیق پاتے رہے۔
حدیبیہ فتح مکہ اور حنین میں بھی آپ شریک تھے اور غزوہ احد کی طرح حنین میں بھی جب لوگوں کے پائوں اکھڑگئے تو طلحہؓ ثابت قدم رہے۔ ۹ ہجری میں قیصر روم کے حملہ کی خبر سن کر رسول کریم ﷺ نے صحابہ کو غزوہ تبوک کی تیاری کا حکم دیا۔حضرت طلحہ ؓ نے اس موقع پر اپنی استطاعت سے بڑھ کر ایک بیش بہا رقم پیش کردی اور بار گاہِ رسالت سے فیاض کا لقب پایا۔ اسی دوران منافقین نے مسلمانوں کے خلاف ایک یہودی کے مکان پر جمع ہوکر ریشہ دوانیاں شروع کردیں تو رسول کریمﷺ نے حضرت طلحہؓ کو یہ فرض سونپا کہ وہ صحابہ کی ایک جماعت کے ساتھ جاکر ان لوگوں کا قلع قمع کریں۔ آپ کو کامیابی کے ساتھ یہ خدمت سَرانجام دینے کی توفیق ملی۔ (9)
وصال رسول ﷺاور خلافت ابوبکرؓ
حجۃ الوداع میں بھی حضرت طلحہؓ اپنے آقا کے ہمرکاب تھے۔حج سے واپسی پر مدینہ پہنچ کر رسول کریمﷺ کا وصال ہوا۔ دیگر صحابہ کی طرح اس عظیم سانحہ سے حضرت طلحہؓ کو جو صدمہ پہنچا اس کا اندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ جب سقیفہ بنو ساعدہ میں خلافت کیلئے مشورہ ہورہا تھا ،عاشق رسول ﷺحضرت طلحہؓ جیسا جری انسان اپنے آقا کی جدائی میں دل گرفتہ کسی گوشہ تنہائی میں آنسوئوں کا نذرانہ پیش کررہا تھا۔
خلافت سے اخلاص و وفا
حضرت ابوبکرؓ خلیفہ الرسول منتخب ہوئے تو طلحۃ الخیر ان کے دست وبازو ثابت ہوئے۔ آپؓ محض للہ جس بات کو حق سمجھتے بے لاگ اپنی رائے پیش کردیا کرتے تھے۔ چنانچہ جب حضرت ابوبکرؓ نے اپنی آخری بیماری میں حضرت عمرؓکو خلیفہ منتخب کیا۔ تو یہ حضرت طلحہؓ ہی تھے جنہوں نے حضرت عمرؓ کی طبیعت کی سختی کا اندازہ کرتے ہوئے حضرت ابوبکرؓ سے یہ عرض کی کہ آپ خدا کو کیا جوا ب دیں گے کہ اپنا جانشین کسے مقرر کرآئے ہیں؟ حضرت ابوبکرؓ کا فیصلہ بھی چونکہ خالصتاً تقویٰ پر مبنی تھا آپؓ نے بھی کیاخوب جواب دیا فرمایا ’’میں خدا سے کہوں گا کہ میں تیرے بندوں پر اس شخص کو امیر مقرر کرآیا ہوں جوان میں سب سے بہتر تھا۔‘‘ واقعات نے یہی فیصلہ درست ثابت کیا کہ حضرت عمرؓ ہی اس منصب کے لئے سب سے زیادہ اہل تھے ۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت طلحہؓ کو ان کی بھر پور اعانت اور نصرت کی توفیق عطافرمائی۔(10)
حضرت عمرؓ نے اپنے زمانہ خلافت میں مفتوح علاقوں کی زمینیں مجاہدین میں تقسیم کرنے کی بجائے بیت المال کی ملکیت قرارد ینے کی تجویزدی اور مفتوح لوگوں سے لگان وصول کرنے کی رائے سامنے آئی تاکہ اس کے ذریعہ مجاہدین کی ضرورتیں پوری کی جائیں۔ بظاہر یہ ایک نئی رائے تھی اس لئے صحابہ کی ایک بڑی جماعت اس کے حق میں نہیں تھی اور انہوں نے زمینوں کی تقسیم کی تائید کی تھی۔ تین روز تک اس مسئلہ پر بحث ہوئی۔بالآخر حضرت طلحہ ؓ نے حضرت عمرؓ کے موقف کی بھر پور حمایت کی اور آخری فیصلہ یہی ہوا کہ زمینیں تقسیم نہ کی جائیں بلکہ بیت المال کی ہی ملکیت رہیں۔
معرکہ’’نہاوند‘‘ کے موقع پر حضرت عمر ؓ نے ا یرانی ٹڈی دل سے مقابلہ کرنے کے لئے مسلمانوں سے مشورہ چاہا تو حضرت طلحہؓ نے حضرت عمرؓ کی خدمت میں عرض کیا تھا کہ’’ آپ امیر المؤمنین ہیںبہترجانتے ہیں ہم غلام تو آپ کے حکم کے منتظر ہیں۔ جو حکم ہوگا ہم اس کی تعمیل کریں گے۔ہم نے بار بار آزمایا کہ اللہ تعالیٰ انجام کار آپ کو کامیابی عطا فرماتا ہے۔‘‘
حضرت عمر ؓ بھی آپ کی اصابت رائے کے قائل تھے۔ چنانچہ حضرت عمر ؓ نے جن چھ اراکین پر مشتمل ایک کمیٹی انتخاب خلافت کے لئے مقررفرمائی تھی کہ وہ اپنے میں جس پر اتفاق کریں اسے خلیفہ منتخب کرلیں۔ اس کمیٹی میں حضرت طلحہ ؓ بھی شامل تھے ۔ حضرت طلحہؓ کی بے نفسی، تواضع اور ایثار کا یہ عالم تھا کہ آپ نے اپنی رائے حضرت عثمانؓ کے حق میں دے کر انہیں اپنے اوپر ترجیح دی اور اُن کا نام اس منصب کے لئے پیش کردیا۔ چنانچہ حضرت عبدالرحمان ؓبن عوف کی رائے اور حضرت طلحہؓ کی تائید سے حضرت عثمانؓ ہی خلیفہ منتخب ہوئے۔
حضرت عثمانؓ کے عہد خلافت کے آخری سالوں میں جب شورش عام ہوئی۔ تو حضرت طلحہؓ نے مشورہ دیا کہ اس فتنے کی تحقیق کے لئے پورے ملک میں وفود بھیجے جائیں۔ یہ رائے بہت صائب تھی۔ چنانچہ ۳۵ ھجری میں محمدؓ بن مسلمہ، اسامہ ؓبن زید، عمارؓ بن یاسر اور عبداللہؓ بن عمرو ملک کے مختلف حصوں میں تفتیش کے لئے روانہ کئے گئے۔ ان تحقیقات کا خلاصہ یہ تھا کہ کوئی قابل اعتراض بات انہوں نے نہیں پائی۔ (11)اس سلسلہ میں ابھی کچھ عمل درآمد نہ ہونے پایا تھا کہ مفسدین نے مدینہ آکر قصر خلافت کا محاصرہ کرلیا۔حضرت عثمانؓ ذاتی طور پر منافقین کے مقابلہ پر کوئی مدافعانہ کاروائی پہلے کرنے کے حق میں نہیں تھے۔البتہ وعظ و نصیحت کرتے رہے۔ اس موقع پر حضرت طلحہؓ خلیفہ وقت کی اخلاقی مدد کرسکتے تھے وہ انہوں نے کی۔ مثلاً ایک موقع پر حضرت عثمانؓ نے باغیوں کے سامنے اپنے فضائل و مناقب بیان کرکے طلحہؓ جیسے کبار صحابہ سے اس کی تائید چاہی تو محاصرین کی مخالفت کی پرواہ نہ کرتے ہوئے حضرت طلحہؓ نے اعلانیہ اور کھلم کھلا محاصرین کے سامنے حضرت عثمان ؓ کی تائید کی۔جب محاصرہ زیادہ خطرناک ہوگیا تو حضرت علیؓ اور حضرت زبیرؓ کی طرح حضرت طلحہؓ نے بھی اپنے صاحبزادے محمدؐ کو خلیفہ وقت کی حفاظت کے لئے قصرِ خلافت بھجوایا۔جب مفسدین نے حملہ کرنے میں پہل کردی تو محمد بن طلحہؓ نے بھی اپنی طاقت اور ہمت کے مطابق ان کا مقابلہ کیا۔(12)اور دوسرے معدد وچند محافظین کے ساتھ مل کر مفسدین کے سیلاب کو روکے رکھا مگر چند بدبخت دوسری طرف سے حضرت عثمانؓ کے گھر میں گُھس گئے اور خلیفہ راشد پر حملہ کرکے ان کی درد ناک شہادت کا واقعہ سامنے آیا۔ دیگر صحابہ کی طرح حضرت طلحہؓ کو بھی اس سانحہ سے سخت صدمہ پہنچا۔وہ جہاں حضرت عثمانؓ کے لئے عفوورحم کی دعائیں کرتے وہاں مفسدین کے مظالم دیکھ کر خدا کی بارگاہ میں ان کی گرفت کیلئے التجا کرتے۔
حضرت طلحہؓ نہایت اعلیٰ اخلاق کے مالک تھے۔ خشیّت الہٰی اور محبت رسول سے آپ کا پیمانہ لبریز تھا۔ حضرت طلحہؓ نے اپنے مال و جان سے خدمت دین میں جس طرح سے اپنی دلی تمنائیں اور مرادیں پوری کیں اس پر خدائے ذوالعرش نے بھی گواہی دی۔ چنانچہ جب آیت رِجَالٌ صَدَقُوا مَاعٰہَدُواللّٰہَ عَلَیہِ فَمِنْھُمْ مَنْ قَضٰی نَحْبَہٗ وَمِنْھُمْ مَنْ یَّنتَظِرُ ( الاحزاب :24) نازل ہوئی۔ اس میں ان مردان خدا کا تذکرہ تھا جنہوں نے اللہ سے اپنے عہد سچ کردکھائے اور اپنی منتیں پوری کیں اور کچھ ہیں جو انتظار میں ہیں۔رسول ِخداﷺنے حضرت طلحہؓ سے فرمایا کہ اے طلحہؓ! تم بھی ان خوش نصیب مردان وفامیں شامل ہو جو اپنی قربانی پوری کرنے کی انتظار میں ہیں۔(13) حضرت طلحہؓ بڑے مالدار تاجرتھے ۔اس کے ساتھ فراخ دل اورسخی انسان بھی تھے۔
انفاق فی سبیل اللہ
غزوہ تبوک کے موقع پر آپ کو دل کھول کر خرچ کرنے کی توفیق ملی تھی اور اسی موقع پر آنحضورﷺنے آپ کو فیاض کے لقب سے یادفرمایا تھا۔(14)آپ کے ہم عصر قیس بن ابی ہاضم کہا کرتے تھے کہ میں نے طلحہؓ سے زیادہ کسی کو خدا کی راہ میں بے لوث مال خرچ کرنے میں پیش پیش نہیں دیکھا۔غزوہ ذی القرد میں چشمۂ بیسان کے پاس سے مجاہدین کے ساتھ گزرتے ہوئے حضرت طلحہؓ نے اسے خرید کر خدا کی راہ میں وقف کردیا تھا۔ اپنی جائیداد سات لاکھ درہم میں حضرت عثمان ؓکو فروخت کی اور سب مال خدا کی راہ میں خرچ کردیا۔آپ کی بیوی سودہؓ فرمایا کرتی تھیں کہ ایک دفعہ حضرت طلحہؓ کو اُداس دیکھ کر وجہ پوچھی کہ کہیں مجھ سے تو کوئی خطا سرزد نہیں ہوگئی تو فرمانے لگے نہیں ایسی توکوئی بات نہیں دراصل میرے پاس ایک بہت بڑی رقم جمع ہوگئی ہے اور میں اس فکر میں ہوں کہ اُسے کیا کروں۔ میں نے کہا اسے تقسیم کروادیجیئے۔آپ نے اسی وقت اپنی لونڈی کو بلایا اور چار لاکھ کی رقم اپنی قوم کے مستحقین میں تقسیم کرادی۔(15)حضرت طلحہؓ بنو تمیم کے تمام محتاجوں اور تنگ دست خاندانوں کی کفالت کیا کرتے تھے۔ لڑکیوں اور بیوگان کی شادیوں میں ان کی مددکرتے ۔ مقروضوں کے قرض ادا کرے۔ ایک دفعہ حضرت علیؓ نے کسی کو یہ شعر پڑھتے سنا
فَتًی کَانَ یُدْنِیِْہِ الغِنْیٰ مِنْ صَدِیِقِہٖ اِذً امَّاھُوَا اسْتَغنٰی وَیُبْعِدُہُ الفَقْرٗ
یعنی میرا ممدوح ایسا شخص تھا کہ دولت و امارت اسے اپنے دوست کے اور قریب کر دیتی تھی جب بھی اسے دولت و فراخی نصیب ہوتی۔ اور غربت وفقر اسے اپنے دوستوں سے دور رکھتے یعنی کبھی تنگی میں بھی کسی سے سوال نہ کرتے۔ حضرت علیؓ نے یہ شعر سنا تو فرمایا ’’خدا کی قسم! یہ صفت حضرت طلحہؓ میںخوب پائی جاتی تھی۔‘‘(16)
ایثارو مہمان نوازی
مہمان نوازی حضرت طلحہؓ کا خاص وصف تھا۔ ایک دفعہ بنی عُذرہ کے تین مفلوک الحال افراد نے اسلام قبول کیا۔ رسول کریمﷺنے پوچھا کہ صحابہؓ میں سے کون ان کی کفالت اپنے ذمہ لیتا ہے۔حضرت طلحہؓ نے بخوشی حامی بھرلی اور ان تینوں نو مسلموں کو اپنے گھر میں لے گئے اور وہیں ٹھہرایا اور ان کی میزبانی کرتے رہے۔ یہاں تک کہ موت نے انہیں آپ سے جدا کیا۔اُن میں سے دو ساتھی تویکے بعد دیگرے دوغزوات میں شہید ہوئے اور تیسرے طلحہؓ کے گھر میں ہی وفات پاگئے۔ طلحہؓ کو جو خدا کے رسولﷺ کے ان مہمانوں سے دلی محبت اور اخلاص پیداہوچکا تھااس کا نتیجہ تھا کہ مہمانوں کی وفات کے بعد بھی خواب میں آپ کی اُن سے ملاقاتیں ہوئی۔ ایک دفعہ رؤیا میں دیکھا کہ وہ تینوں آپ کے ساتھ ہی جنت کے دروازے پر کھڑے ہیں۔ مگر جو ساتھی جو سب سے آخر میں فوت ہوا وہ سب سے آگے ہے۔ اور سب سے پہلے مرنے والا سب سے پیچھے ہے۔انہوں نے تعجب سے رسول کریمؐ سے اس خواب کی تعبیر پوچھی تو حضورﷺنے فرمایا کہ جو بعد میں مرا اُسے زیادہ نیک اعمال کی توفیق ملی اس لئے وہ پہلوں سے بڑھ گیا۔اس سے یہ بھی ظاہر ہے کہ حضرت طلحہ ؓنے اپنی صحبت سے بھی ان نومسلموں کی تربیت اپنے روحانی دسترخوان کے علاوہ انہیں خوب فیض عطاکیااور وہ جنتی ٹھہرے۔ (17)
حضرت طلحہؓ دوستی اخوت کے رشتے میں بھی کمال رکھتے تھے۔ حضرت کعب بن مالک انصاریؓ کو غزوہ تبوک میں شامل نہ ہوسکنے کے باعث مقاطعہ کی سزاہوئی تھی۔ جب رسول اللہﷺنے ان کی معافی کا اعلان کیا اوروہ آنحضرت ؐ کی خدمت میں ملاقات کے لئے حاضر ہوئے تو مجلس میں سے حضرت طلحہؓ دیوانہ وار دوڑتے ہوئے ان کے استقبال کو آگے بڑھے اور مصافحہ کرکے انہیں مبارکباد عرض کی۔ حضرت کعبؓ انصاری نے بھی حضرت طلحہ ؓکا اس اعلیٰ خلق کو کبھی فراموش نہیں کیا۔ وہ ہمیشہ یادکیا کرکے کہتے تھے کہ ا س موقع پر مہاجرین میں سے کسی صحابی نے اس والہانہ گرمجوشی کا میرے ساتھ مظاہرہ نہیں کیا جس طرح حضرت طلحہؓ وفورِ جذبات میں اُٹھ کر دوڑے آئے۔(18)
شادی اور اولاد
حضرت طلحہؓ کی پہلی شادی حضرت حمنہ بنت حجش سے دوسری حضرت ام کلثوم بنت ابی بکرسے تیسری شادی فارعہ بنت ابوسفیان سے اورچوتھی رقیہ بنت ابی امیہ سے ہوئی۔ان چاروں بیویوں کی بہنیں رسول اللہﷺ کی ازواج تھیں۔یوں آپ رسول اللہﷺ کے ہم زلف تھے۔ آپ کے اخلاق کا ایک خوب صورت نقشہ آپ کی اہلیہ اُم ابان نے کھینچا ہے۔ انہیں بہت رشتے آئے تھے مگر انہوں نے حضرت طلحہؓ کی کئی شادیوں کے باوجودان کے ساتھ نکاح کو ترجیح دی ان سے اس کی وجہ پوچھی گئی تو انہوں نے فرمایا کہ اس کی وجہ حضرت طلحہؓ کے اخلاقِ فاضلہ ہیں۔ وہ فرماتی تھیں کہ میں طلحہؓ کے ان اوصاف کریمانہ سے واقف تھی کہ وہ ہنستے مسکراتے گھر واپس آتے ہیں اور خوش و خرم باہر جاتے ہیں۔ کچھ طلب کروتو بخل نہیں کرتے اورخاموش رہو تو مانگنے کا انتظار نہیں کرتے۔ نیکی کرو تو شکرگذار ہوتے ہیں اور غلطی ہوجائے تو معاف کردیتے ہیں۔(19) بلاشبہ یہی وہ اخلاق ہیں جن کے بارہ میں ہمارے آقا و مولیٰ محمد مصطفی ﷺنے فرمایا تھا کہ خَیْرُکُم اَحْاَسِنُکُمْ اَخْلاَقاً کہ تم میں سے سب سے بہتر وہ ہیں جو اپنے اخلاق میں سب سے اچھے ہیں۔حضرت طلحہؓ کی کئی بیویوں سے اولاد تھی ۔ حضرت حمنہ بنت حجش سے ایک بیٹا محمد نامی بہت عبادت گزار تھا اور سجاد لقب سے مشہورتھا۔ ایک بیٹا یعقوب بہت زبردست شہ سوار تھا جو واقعہ حرّہ میں شہید ہوگیا۔ حضرت ام کلثوم ؓ بنت ابوبکرؓ سے دو بیٹے اور ایک بیٹی عائشہ تھی۔آپؓ کی ایک بیٹی ام اسحاق سے حضرت امام حسنؓ نے شادی کی جس سے طلحہ نامی بیٹاہوا۔ حضرت حسن ؓ کی وفات کے بعد حضرت امام حسین ؓنے ان سے شادی کی اور ایک بیٹی فاطمہ ان سے ہوئیں۔(20)
شہادت اورفضائل
حضرت طلحہؓ عشرہ مبشرہ میں سے تھے یعنی ا ن دس اصحاب رسولﷺمیں سے جن کو آپؐ نے ان کی زندگی میں جنت کی بشارت دی اوربوقت وفات انہیں پروانہ خوشنودی عطا فرمایا۔رسول اللہ ﷺ نے آپؓ کی شہادت کی پیشگوئی کرتے ہوئے فرمایا’’جو کوئی زمین پر چلتے پھرتے شہید کو دیکھنا چاہے وہ طلحہؓ کو دیکھ لے۔‘‘
شہاد ت عثمانؓ کے بعد حضرت طلحہؓ بھی ان اصحاب میں شامل تھے جو قتل عثمانؓ کا فوری انتقام لینے کے حق میں تھے۔ اسی جذباتی دور میں وہ حضرت عائشہؓ کے ساتھ جنگ جمل میں بھی شامل ہوگئے۔ لیکن جب حضر ت علیؓ نے انہیں بلاکر ان کے فضائل اور سبقتوں کا ذکر کیا تو حضرت طلحہؓ بھی حضرت زبیرؓ کی طرح مقابلہ سے دستبردار ہوگئے۔لشکر سے جدا ہو کر پچھلی صفوں میں چلے گئے اس دوران کوئی تیر ٹانگ میں لگا جس سے عرق النساء کٹ گئی اور اس قدر خون جاری ہوا کہ وفات ہوگئی۔اس وقت آپ ؓکی عمر64برس تھی یہ 75ھ کا واقعہ ہے۔( 21)
غزوہ احد میں جب حضرت طلحہؓ رسول اللہﷺکو پشت پر اٹھاکر چٹان پر لے گئے تو رسول کریمؐ نے فرمایا اے طلحہؓ!جبریلؑ آئے ہیں وہ تمہیں سلام کہتے ہیں اور وہ یہ خوشخبری دے رہے ہیں کہ قیامت کے دن تمہیں کوئی خوف نہیں ہوگا اور ہر خوف سے تمہاری حفاظت ہوگی۔(22)
حوالہ جات
1-
اصابہ جز 3ص 290،اصابہ جز8ص 125،استیعاب جلد 2ص 320
2-
اسد الغابہ جلد3ص 59
3-
ابن سعد جلد3ص 216
4-
اسد الغابہ جلد3ص 59
5-
الاصابہ جز 3ص 290
6-
بخاری کتاب المغازی باب غزوۃ احد
7-
اسد الغابہ جلد3ص 59
8-
منتخب کنز العمال برحاشیہ مسند جلد 5ص 65،اسد الغابہ جلد 3ص 59
9-
ابن ہشام جلد 4ص 171
-10
ابن سعد جلد3ص274
-11
کامل ابن اثیر مترجم جلد 3ص 233،طبری جلد 6ص 2930
-12
طبری جلد 6ص 3010
13-
اسد الغابہ جلد3ص 61
14-
اسد الغابہ جلد 3ص 59
15-
ابن سعد جلد 3ص 220
16-
اسد الغابہ جلد3ص 61
-17
ابن ماجہ کتاب تعبیر الرئویا باب تعبیر رئویا
-18
بخاری کتاب المغازی غزوہ تبوک
-19
منتخب کنز العمال برحاشیہ مسند احمد جلد5ص 66
20-
ابن سعد جلد 3ص 214،اصابہ جز3ص 292
-21
استیعاب جلد 2ص 319-20
-22
منتخب کنز العمال برحاشیہ مسند جلد5ص67

حضرت حمزہ بن عبد المطلبؓ
نام ونسب
حضرت حمزہ ؓ خاندان قریش کے معزز اور صاحب وجاہت نوجوان تھے ۔ سردار قریش عبدالمطلب کے صاحبزادے اور رسول اللہ ﷺکے چچا تھے۔ آپ کی والدہ ہالہ بنت اُھیب بنو زھرہ قبیلہ سے تھیں اور رسول اللہ ﷺکی والدہ حضرت آمنہ کی چچا زاد بہن تھیں۔ حضرت حمزہؓ رسول کریمؐ کے رضاعی بھائی بھی تھے۔ ثوُیبہ لونڈی نے دونوں کو دودھ پلایا تھا۔
حضرت حمزہ ؓ رسول اللہ ﷺسے دو یاچار سال قبل پید اہوئے۔ اور آنحضرتؐ کے دعویٰ نبوت کے بعد ابتدائی پانچ سالوں میں دارارقم کے زمانہ میں اسلام قبول کرنے کی توفیق پائی۔(1)
قبول اسلام
حضرت حمزہؓ کے قبول اسلام کا واقعہ بھی دلچسپ ہے۔ یہ ابتدائی مکی دور کی بات ہے وہ زمانہ مسلمانوں کیلئے سخت ابتلائوں اور مصائب کا زمانہ تھا جس میںنبی کریمﷺ کی ذات بھی کفار کے مظالم سے محفوظ نہ تھی۔ ایک روز تو بدبخت ابو جہل نے حد ہی کردی۔کوہ صفا کے نزدیک آنحضرتؐ کو دیکھ کر سخت مشتعل ہوا اور گالی گلوچ کے بعدایذاء دہی پر اتر آیا۔ آپؐ کو ذلت اور کمزوری کے طعنے دیتا رہااور دست درازی کی۔ رسول کریمﷺنے یہ سب کچھ خاموشی اور صبر سے برداشت کیا اور اپنے گھر تشریف لے گئے۔ اتفاق سے عبد اللہ بن جدعان کی لونڈی یہ سارا واقعہ دیکھ رہی تھی۔ ابو جہل تو سیدھا خانہ کعبہ چلا گیا۔ تھوڑی دیر بعد حضرت حمزہ ؓ تیر کمان اٹھائے شکار سے واپس لوٹے۔ وہ بڑے ماہر تیر انداز اور شکار کے بہت شوقین تھے۔ بالعموم شکار سے واپس آکر وہ خانہ کعبہ کاطواف کرتے پھر کچھ دیر سرداران قریش کی مجلس میں بیٹھتے اور گھر واپس آتے۔ اس روز کوہ صفا کے پاس پہنچے ہی تھے کہ عبد اللہ بن جدعان کی لونڈی نے رسول کریمﷺکی مظلومیت کا یہ واقعہ بڑے درد سے سنایا اور کہا کہ ابھی تھوڑی دیر پہلے آپ کے بھتیجے محمدؐ کے ساتھ ابو الحکم بن ہشام نے جو ظالمانہ سلوک کیا کاش آپ اسے دیکھتے تو آپ کو ضروران پر ترس آتا۔ اس نے حضوؐر کو یہاں بیٹھے دیکھا تو آپؐ کو گالیاں دینی شروع کردیں اور جسمانی اذیت پہنچائی اور (حضرت)محمدؐ نے جواب میں کچھ بھی تو نہ کہا۔ یہ سن کر حضرت حمزہؓ کا خون کھولنے لگا وہ اسی وقت سیدھے خانہ کعبہ پہنچے اور طیش میں آکر اپنی کمان ابو جہل کے سر پر دے ماری اور اسے کہنے لگے کہ تم آنحضرؐت کو برا بھلا کہتے اور ان پر ظلم کرتے ہو تو سن لو آج سے میں بھی اس کے دین پر ہوں اور آپؐ کا مسلک میرا مسلک ہے اگر ہمت ہے تو مجھے اس دین سے لوٹا کر دکھائو۔ ابو جہل اس حملے سے کچھ زخمی بھی ہوگیا تھا، بنو مخزوم کے بعض لوگ اس کی مدد کیلئے اٹھے لیکن ابو جہل نے انہیں روک دیا کہ مبادا اس سے کوئی بڑا فتنہ پیداہو۔
حضرت حمزہؓ کے قبول اسلام کے بعد قریش نے سمجھ لیاکہ اب مسلمان مضبوط ہوگئے ہیں اور وہ کچھ عرصہ ایک حد تک مسلمانوں کی ایذاء رسانی سے رکے رہے۔(2)
ہجرت مدینہ اور پہلے اسلامی علم بردار
حضرت حمزہ ؓ نے دیگر مسلمانوں کے ساتھ مدینہ کی طرف ہجرت فرمائی اور پہلے کلثومؓ بن ہدم کے مکان پر اور پھر سعدؓ بن خیثمہ کے ہاں قیام کیا۔ مکہ میں رسول اللہ ﷺنے حضرت زیدؓ بن حارثہ کو حمزہؓ کا اسلامی بھائی بنایا تھا۔ مدینہ میں بھی یہ رشتہ اخوت قائم رہا ۔ غزوئہ احد پر جاتے ہوئے حضرت حمزہؓ نے حضرت زیدؓ کے حق میں وصیت فرمائی تھی۔(3)
مدینہ میں قریش کی نقل وحرکت اور ریشہ دوانیوں سے باخبر رہنے کیلئے نبی کریمﷺکو مہمات کی ضرورت پیش آئی جن میں حضرت حمزہؓ کو غیر معمولی خدمت کی توفیق ملتی رہی۔ چنانچہ اسلام کی پہلی مہم آپ کی سرکردگی میں ساحل سمندر کی طرف بھجوائی گئی تھی جس کا مقصد ابو جہل کی سرکردگی میں شام سے آنے والے قریش کے قافلہ کی نقل و حرکت کا جائزہ لینا تھا جو تین صدسواروں پر مشتمل تھا۔ اس مہم میں تیسصحابہؓ حضرت حمزہؓ کی کمان میں تھے۔ اسی طرح اسلام کا پہلا جھنڈا بھی حضرت حمزہؓ کو ہی عطا کیا گیا۔ غزوئہ بنو قینقاع میں بھی اسلا م کے علمبردار حضرت حمزہؓ ہی تھے۔(4)
خود داری اور دعا کی برکت
ہجرت مدینہ کے بعد دیگر مسلمانوں کی طرححضرت حمزہؓ کے مالی حالات بھی دگرگوں تھے۔ حضرت عبد اللہؓ بن عمر بیان کرتے ہیں کہ ایک روز انہی ایام میں حضرت حمزہؓ نبی کریمﷺکی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا کہ کوئی خدمت میرے سپرد فرما دیجئے تاکہ ذریعہ معاش کی کوئی صورت بھی پید اہو۔نبی کریمﷺنے یہ پسند نہ فرمایا کہ آپ کے اقارب اس تنگی کے زمانہ میں مسلمانوں پر بوجھ ہوں۔آپؐ نے حضرت حمزہؓ سے فرمایا کہ ’’اپنی عزت نفس قائم اور زندہ رکھنا زیادہ پسند ہے یا اسے مار دینا۔‘‘ حضرت حمزہؓ نے عرض کیا’’میں تو اسے زندہ رکھنا ہی پسند کرتا ہوں۔‘‘ آپؐ نے فرمایا ’’پھر اپنی عزت نفس کی حفاظت کرو گویا محنت وغیرہ کے ذریعہ سے کام لو۔ ‘‘(5)
نبی کریمﷺنے اس دور میں آپ کو دعائوں پر زور دینے کی بھی تحریک فرمائی اور بعض خاص دعائیں سکھائیں۔ چنانچہ حضرت حمزہؓکی روایت ہے کہ آنحضرتؐ نے فرمایاتھاکہ اس دعاکو لازم پکڑو۔اَللّٰھُمَّ اِنِّی اَ سئَلُکَ بِاسْمِکَ الاَ عظَمِ وَرِاضْوَانِکَ الاَکبَرِ۔یعنی اے اللہ میں تجھ سے تیرے اسم اعظم(سب سے بڑے نام)کا واسطہ دے کر سوال کرتا ہوں اور تجھ سے تیری سب سے بڑی رضامندی چاہتا ہوں۔(6)
اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حضرت حمزہؓ کو دعائوں پر کتنا ایمان اور یقین تھا اور کیوں نہ ہوتا جبکہ ان دعائوں ہی کی برکت سے بظاہر اس تہی دست اور تہی دامن مہاجر کو اللہ تعالیٰ نے گھر بار اور ضرورت کا سب کچھ عطافرمایا کچھ عرصہ بعد حضرت حمزہؓ نے بنی نجّار کی ایک انصاری خاتون خولہؓ بنت قیس کے ساتھ شادی کی۔ نبی کریمﷺان کے گھر میں حضرت حمزہؓ سے ملاقات کے لئے تشریف لے جایا کرتے تھے۔ حضرت خولہؓ بعد میں نبی کریمﷺ کی اس دور کی محبت بھر ی باتیں سنایا کرتی تھیں۔ فرماتی تھیں ایک دفعہ آنحضرتؐ ہمارے گھر تشریف لائے میں نے عرض کیا اے خدا کے رسولؐ مجھے پتہ چلا ہے کہ آپ ؐ فرماتے ہیں کہ قیامت کے دن آپ کو حوض کوثر عطا کیا جائے گا جو بہت وسعت رکھتا ہوگا۔ حضورﷺنے فرمایا ’’ہاں یہ سچ ہے ۔اور یہ بھی سن لو کہ مجھے عام لوگوں سے کہیں زیادہ تمہاری قوم انصار کا ا س حوض سے سیراب ہونا پسند ہے۔‘‘ خولہؓ کہتی تھیں میں نے حضورﷺکی تواضع کرتے ہوئے اپنا وہ برتن جس میں کھانا یا شائد کچھ میٹھا تیار کیا گیا تھا ۔حضورﷺکی خدمت میں گرم گرم پیش کردیا۔حضورؐنے اس برتن میں اپناہاتھ ڈالا تو گرم کھانے سے آپ کا ہاتھ جل گیا۔ اس پر آپؐ نے فرمایا ’’خوب !‘‘پھر فرمانے لگے کہ ’’انسان کا بھی عجیب حال ہے اگر اسے ٹھنڈک پہنچے تو بھی کہتا ہے خوب ہے اور اگر گرمی پہنچے تو بھی ایسا ہی اظہار کرتا ہے‘‘۔(7)
اس حدیث سے نبی کریمﷺکے صبرورضا کی وہ خاص کیفیت ظاہر ہوتی ہے جو عام لوگوں میں پائی نہیں جاتی۔
غزوہ بدر میں بہادری
حضرت حمزہؓ بڑے قدآور وجیہہ اور بہادر نوجوان تھے اور انہی صفات سے آپ اپنے ماحول میں پہچانے جاتے تھے۔حضرت حمزہؓ کی شجاعت اور بہادری کے جوہر اسلامی غزوات میں خوب کھل کر سامنے آئے۔ حضرت علیؓ غزوہ بدر کے بارے میں بیان کرتے ہیں کہ اس میں کفار کی تعداد مسلمانوں سے بہت زیادہ تھی۔ رات بھر رسو ل اللہ ﷺخدا کے حضور عاجزانہ دعائوں اور تضرعات میں مصروف رہے۔ جب کفار کا لشکر ہمارے قریب ہوا اورہم ان کے سامنے صف آرا ہوئے تو ناگاہ ایک شخص پر نظری پڑی جو سرخ اونٹ پر سوار تھا اور لوگوں کے درمیان اس کی سواری چل رہی تھی۔ رسو ل کریمﷺ نے مجھے مخاطب کرکے فرمایااے علی ؓ حمزہؓجو کفار کے قریب کھڑے ہیں انہیں بلا کر پوچھو کہ یہ سرخ اونٹ والا ان سے کیا کہہ رہا ہے۔ پھر حضورﷺ نے فرمایا اگر ان لوگوں میں کوئی شخص انہیں خیر بھلائی کی نصیحت کر سکتا ہے تو وہ سرخ اونٹ والاشخص ہے۔ اتنی دیر میں حضرت حمزہؓ بھی آگئے۔ انہوں نے آکر بتایا کہ وہ سرخ اونٹ والا شخص عتبہ بن ربیعہ تھا جو کفار کو لڑائی سے منع کر رہا تھا۔ جس کے جوا ب میں ابو جہل نے اسے کہا کہ تم تو بزدل ہو اور لڑائی سے ڈرتے ہو ۔ عتبہ نے جوش میں آکر کہا کہ آج دیکھتے ہیں بزدل کون ہے؟ پھر عتبہ نے مسلمانوں کو دعوت مبارزت دیتے ہوئے کہاکہ کوئی ہے جو دست بدست جنگ میں میرا مقابلہ کرے۔ اب انصار مدینہ کی وفا کا بھی امتحان تھا اور انہوں نے جو عہد اپنے پیارے آقا سے باندھا تھا آج اس کی خوب لاج رکھی اور سب سے پہلے انصار عتبہ کے مقابلہ کیلئے آگے بڑھے۔(8)
عتبہ کے ساتھ اس کا بھائی شیبہ اور بیٹا ولید بھی تھا جب انصار انکے مقابلے میں آئے تو عتبہ نے پوچھا تم کون لوگ ہو انہوں نے بتا یا ہم انصار مدینہ ہیں۔عتبہ کہنے لگا ہمیں تم سے کچھ غرض نہیں۔ ہم تو اپنے قبیلے کے لوگوں سے لڑنے کیلئے آئے ہیں۔ اس موقع پر ہمارے آقا مولیٰ حضرت محمدمصطفیؐ نے قائدانہ بصیرت،کمال دانش مندی اور عالی حوصلگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوراً اپنے عزیز و اقارب کو مقابلہ پر آنے کیلئے حکم فرمایا تو سب سے پہلے حضرت حمزہؓ اور حضرت علی ؓ کا نام لیا۔ آپؐ نے فرمایااے حمزہؓ کھڑے ہو جائو اور اے علیؓ! اٹھو ،اے عبیدہ! آپ مقابلے کیلئے نکلو۔ حضرت حمزہؓ ارشاد رسولﷺ کی تعمیل میںعتبہ کے مقابلے میں آگے بڑے اور اسے وہیں ڈھیر کر دیا۔(9)
حضرت ابو ذؓر قسم کھا کر کہا کرتے تھے کہ حضرت حمزہؓ اور ان کے ساتھیوں نے جس شان کے ساتھ اس دعوت مبارزت کا جوا ب دیا تھا۔ اس کی طرف اشارہ کلام الٰہی میں بھی ہے کہ یہ دو قسم کے مد مقابل ہیں جو خد اتعالیٰ کی ذات کے بارہ میں برسرپیکار تھے۔ (10)
حضرت حمزہؓ کی بہادری کا یہ عالم تھا کہ غزوہ بدر میں کفار میں دہشت ڈالنے کیلئے آپ نے شتر مرغ کا ایک پر کلغی کی طرح اپنی پگڑی میں سجا رکھا تھاجس کی وجہ سے وہ ہر جگہ نمایاں نظر آتے تھے۔حضرت عبدالرحمنؓ بن عوف سے روایت ہے کہ امیہ بن خلف نے مجھ سے پوچھا کہ یہ شتر مرغ کی کلغی والا شخص بدر میں کون تھا میں نے کہا رسول اللہﷺکے چچا حمزہؓ بن عبدالمطلب۔ وہ بولے یہی وہ شخص ہے جو ہم پرعجیب طرح تباہی و بربادی لے کر ٹوٹ پڑا تھا۔(11)
چنانچہ سر ولیم میور نے بھی اپنی کتاب لائف آف محمد میں اس کا بطور خاص ذکر کیا ہے۔ کہ حضرت حمزہؓ نے اس روز خوب بہادری کے جوہر دکھائے۔ یہ بہادر سورما جدھر کا رخ کرتا ادھر موت کو بکھیرتا جاتا۔ بد ر میں قید ہونے والے مشرک قیدیوں نے بھی گواہی دی کہ ہمارے لشکر کا سب سے زیادہ نقصان اس شتر مرغ کی کلغی والے شخص یعنی حضرت حمزہؓ نے کیا ہے۔ (12)
غزوہ احد میں شجاعت
غزوہ احد میں بھی حضرت حمزہؓ نے شجاعت کے کمالات دکھائے۔ آپ کی یہ بہادری قریش مکہ کی آنکھوں میں سخت کھٹکی تھی ۔ یوں بھی غزوہ بدر میں حضرت حمزہؓ کے ہاتھوں قریش کا سردار طعیمہ بن عدی مارا گیا تھا۔ اس کے عزیزوں نے اپنے غلام وحشی سے یہ وعدہ کیا کہ اگر تم ہمارے چچا کے بدلے حمزہ کو قتل کردو تو تمہیں آزاد کر دیا جائے گا۔غزوہ احد میںسب سے پہلے مشرکین قریش کے نمائندے سباع بن عبد العزیٰ نے دست بدست جنگ کی دعو ت دی۔ سب سے پہلے خدا کا شیر حمزہؓ ہی اس کے مقابلے کیلئے آگے بڑھا اور اسے مخاطب کرکے کہا ’’اے سباع!ختنے کرنے والی ام انمار کے لڑکے!کیا تو اللہ اور اس کے رسولﷺ کا دشمن ہو کر آیاہے‘‘ اور پھر پوری قوت سے اس پر حملہ آور ہو کر اس کا کام تما م کردیا۔(13)
الغرض احد میں عام لوگ ایک ایک تلوار سے لڑ رہے تھے مگر حضرت حمزہؓ کے ہاتھ میں دو تلواریں تھیں اور وہ آنحضرتﷺکے سامنے کھڑے ہو کر آپؐ کا دفاع کر رہے تھے اور یہ نعرہ بلند کررہے تھے کہ میں خداکا شیر ہوں۔کبھی آپ دائیں اور بائیں حملہ آور ہوتے تو کبھی آگے اور پیچھے۔ اس حال میں آپ نے تیس کفار کو ہلاک کیا۔ حضرت جابرؓ بیان کرتے ہیں جنگ احد میں جب اچانک حملہ سے لوگ پسپا ہوئے اور اس دوران میں نے حضرت حمزہؓ کو فلاں درخت کے پاس دیکھا۔ آپؓ کہہ رہے تھے میں اللہ کے شیروں میں سے ایک شیر ہوں۔ اے اللہ!ان دشمنوں نے جو کچھ کیا میں اس سے براء ت کا اظہار کرتاہوںاور مسلمانوں کی پسپائی کیلئے معذرت خواہ ہوں۔اچانک ایک موقعہ پر آپ کو ٹھوکر لگی اور آپ پشت کے بل گر گئے۔ وحشی آپ کی تاک میں تھااسی وقت وہ آپ پر حملہ آور ہوا۔(14)وحشی کا اپنا بیان ہے کہ میں ایک چٹان کے پیچھے چھپ کر حمزہؓ پر حملہ کرنے کی تاک میں تھا جونہی وہ میرے قریب ہوئے میں نے تاک کر انہیں نیزہ مارہ جو ان کی ناف میں سے گزر تا ہوا پشت سے نکل گیا۔(15)
نعش کی بے حرمتی
عتبہ بن ربیعہ کی بیٹی ہند نے اپنے باپ کا انتقام لینے کیلئے (جو بدر میں حضرت حمزہؓ کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے مارا گیا تھا)یہ نذر مان رکھی تھی کہ مجھے موقع ملا تو میں حمزہ کا کلیجہ چبائوں گی۔ چنانچہ حضرت حمزہؓ کی شہادت کے بعد اس نے واقعی ایسا کیا اور حضرت حمزہؓ کا کلیجہ چبا چباکر پھینک دیا۔(16)
حضرت عبد اللہؓ بن مسعود بیان کرتے ہیں کہ جنگ احد کے بعد ابو سفیان نے مسلمانوں سے مخاطب ہو کر بآواز بلند یہ اعلان کیا کہ ’’آج بدر کے دن کا بدلہ ہم نے لے لیا ہے اور تم کچھ نعشوں کا مثلہ کیا ہوا دیکھو گے، اگر چہ میں نے اس کا حکم نہیں دیا تھا لیکن یہ بات مجھے کوئی ایسی بری بھی نہیں لگی۔‘‘(17)
چنانچہ جب حضرت حمزہؓ کو دیکھا گیا تو ان کا کلیجہ نکال کر چبایا گیا تھا۔ نبی کریمؐ اس حال میں جب حضرت حمزہؓ کی نعش پر آکر کھڑے ہوئے تو فرمانے لگے ۔ ’’اے حمزہؓ! تیری اس مصیبت جیسی کوئی مصیبت مجھے کبھی نہیں پہنچے گی ۔ میں نے اس سے زیادہ تکلیف دہ منظر آج تک نہیں دیکھا ‘‘ پھر آپؐ نے فرمایا ’’جبرائیل نے آکر مجھے خبر دی ہے حمزہؓ بن عبد المطلب کو سات آسمانوں میں ’اللہ اور اس کے رسول کا شیر‘لکھا گیا ہے۔‘‘(18)
آپؐ نے حضرت حمزہؓ کو مخاطب کرکے فرمایا ’’اللہ کی رحمتیں تجھ پر ہوں جہاں تک میرا علم ہے آپ بہت ہی صلہ رحمی کرنے والے اور نیکیاں بجالانے والے تھے اور آج کے بعد تجھ پر کوئی غم نہیں۔‘‘(19)
یہ بھی فرمایا۔کہ قیامت کے دن حمزؓہ شہداء کے سردار ہوں گے۔میں نے فرشتوں کو حمزہؓ کو غسل دیتے دیکھا ہے۔(20)
حضرت علی ؓ اور زبیرؓ متذبذب تھے کہ حمزہؓ کی بہن صفیہؓ کو اس اندوہناک صدمے کی اطلاع کیسے کی جائے تب رسول کریمﷺنے حضرت صفیہؓ کے صبر کیلئے دعا کی چنانچہ انہوں نے کمال صبر کا مظاہرہ کیا۔ (21)
حضرت حمزؓہ کاکفن
حضرت زبیرؓ بیان کرتے ہیں کہ احد کے دن جنگ کے بعد میں نے دیکھا کہ ایک عورت بڑی تیزی سے شہداء کی نعشیں دیکھنے کیلئے جارہی ہے۔ نبی کریمﷺنے پسند نہ فرمایا کہ وہ عورت یہ وحشت ناک منظر دیکھے اور ارشاد فرمایا کہ اسے روکو۔ زبیرؓ بیان کرتے ہیں کہ میں نے غور سے دیکھا میری والدہ صفیہ تھیں۔ میں دوڑتے ہوئے انکے شہداء تک پہنچنے سے پہلے ان تک پہنچ گیا۔ وہ ایک تنومند بہادر خاتون تھیں مجھے دیکھتے ہی دھکا دے کر پیچھے ہٹا دیا اور کہا پیچھے ہٹو میں تمہاری کوئی بات نہیں مانوں گی۔ میں نے عرض کیا کہ خدا کے رسولﷺنے آپ کو روکنے کیلئے فرمایا ہے ۔ زبیر ؓکہتے ہیں تب وہ وہیں رک گئیں اور دو چادریں جو اپنے ساتھ لائیں تھیں نکال کر مجھے دیں اور کہنے لگیں یہ دو کپڑے میں اپنے بھائی حمزہؓ کے کفن کیلئے لائی ہوں، ان میں اسے کفن دینا۔ ہم ان چادروں میں حمزہؓ کو کفن دینے لگے۔ تو اچانک ہماری نظر حمزہؓ کے پہلو میں پڑے ہوئے اپنے ایک مسلمان انصاری بھائی پر پڑی جو جنگ میں شہید ہوا تھا اور اس کی نعش کا بھی مثلہ کیا ہوا تھا۔ ہمیں اس بات سے بہت حیاء آئی کہ ہم حمزہؓ کو تو دوچادروں کا کفن دیں اور انصار ی کو بے کفن ہی دفن کر دیں۔ چنانچہ ہم نے فیصلہ کیا کہ ایک چادر سے انصاری کو کفن دیتے ہیں۔ اب مشکل یہ آن پڑی کہ ایک چادر بڑی تھی اور ایک چھوٹی تھی چنانچہ ہم نے قرعہ ڈالا اور جس کے قرعہ میں جو چادر نکلی اس میں اس کو کفن دیا۔ (22)
کفن کے بعد نبی کریمؐ نے سب سے پہلے حضرت حمزہؓ کیلئے دعائے مغفرت کی۔(23)
حضرت حمزہؓ کے ساتھ ایک انصاری کا جنازہ رکھا گیا تھا۔ پھر ان کو اٹھا کر ایک اور میت کو ان کے پہلومیں رکھا گیا اور نبی کریمﷺ ان کیلئے دعائے مغفرت کرتے رہے۔ پھر ان کو اٹھا کر ایک اور میت کو حمزہؓ کے پہلو میں رکھا گیا اور نبی کریمﷺان کیلئے دعائے مغفرت کرتے رہے۔ اس طرح اس روز ستر مرتبہ رسول کریمﷺ نے دعائے مغفرت کی اور حضرت حمزہؓ کی میت ہر دفعہ حضورؐ کے سامنے رہی۔(24)
رسول اللہﷺ کے چچا اور مسلمانوں کے اس بہادر سردار حضرت حمزہؓ کی تدفین جس بے کسی اور کسمپرسی کے عالم میں ہوئی ۔ صحابہ بڑے دکھ کے ساتھ اس کا تذکرہ کیا کرتے تھے ۔ حضرت انسؓ بیان کرتے ہیں کہ جس چاد رمیں حمزہؓ کو کفن دیا گیا تھا وہ اتنی چھوٹی تھی کہ سر کو ڈھانکتے تھے تو ان کے پائوں ننگے ہوجاتے تھے جب پائوں پر ڈالتے تھے تو سر ننگا ہو جاتا تھا۔ بعد میں فراخی کے دور میںحضرت خبابؓ وہ تنگی کا زمانہ یاد کرکے کہا کرتے تھے کہ حضرت حمزہؓ کا کفن ایک چادر تھی وہ بھی پوری نہ ہوتی تھی چنانچہ سر کو ڈھانک کر پائوں پر گھاس ڈالی گئی تھی۔(25)
حضرت عبد الرحمان بن عوفؓ کا بھی اسی قسم کا واقعہ ہے کہ ایک دفعہ روزہ سے تھے افطاری کے وقت پر تکلف کھانا پیش کیا گیا جسے دیکھ انہیں عسرت کا زمانہ یاد آگیا اور کہنے لگے حمزہؓ ہم سے بہتر تھے مگر انہیں کفن کی چادر بھی میسر نہ آسکی تھی، اب یہ آسائشیں دیکھ کر اندیشہ ہوتا ہے کہ کہیں ہمارے اجر ہمیں اسی دنیا میں تو نہیں دے دئیے گئے۔ یہ کہہ کر رونے لگے اور کھانا ترک کردیا۔(26)
حضرت حمزہؓ کی شہادت کا غم اور دعائے رسولﷺ
حضرت حمزہؓ کی جدائی مسلمانوں کے لئے یقینا ایک بہت بڑا صدمہ تھا لیکن غزوئہ احد میں تو ستر انصاری اورمہاجر شہید ہوئے تھے۔(27) اور یوں انصا رمدینہ کے گھروں میں صف ماتم بچھی ہوئی تھی۔ آنحضرتﷺنے اس موقع پر کمال حکمت عملی اور علم النفس کے باریک نکتہ سے انصارمدینہ کو ان کے اپنے صدمے بھلا کر ان کے رخ حضرت حمزہؓ کی شہادت کے عظیم قومی صدمے کی طرف موڑ دئیے اور پھر اپنے صبر کا نمونہ دکھاتے ہوئے انہیں نہایت خوبصورت انداز میں صبر کی تلقین بھی فرمادی۔
حضرت عبد اللہؓ بن عمر کی روایت ہے کہ آنحضرتﷺجب احد سے واپس لوٹے تو آپ نے سنا کہ انصار کی عورتیں اپنے خاوندوں پر روتی اور بین کرتی ہیں۔آپؐ نے فرمایا کہ ’’کیا بات ہے؟حمزہؓ کو کوئی رونے والانہیں۔‘‘ انصار کی عورتوں کو پتہ چلا کہ وہ حضرت حمزہؓ کی شہادت پر بین کرنے کیلئے اکٹھی ہوگئیں۔ تب نبی کریمﷺنے ان کو ہدایت فرمائی کہ ’’وہ اپنے گھروں کو واپس لوٹ جائیں اور آج کے بعد کسی مرنے والے کا ماتم اور بین نہ کریں۔‘‘ (28)
اس طرح آنحضرتﷺنے نہایت پر حکمت طریق سے انصار کی عورتوں کے جذبات کا بھی خیال رکھا اور انہیں اپنے خاوندوں اور بھائیوں کی جدائی پر ماتم سے روکنے کی بجائے حضرت حمزہؓ کے عظیم اور قومی صدمہ کی طرف توجہ دلائی جس کاسب سے بڑھ کر غم آپؐ کو تھا اور پھر حمزہؓ پر ماتم اور بیننہ کرنے کی تلقین فرماکر اپنا نمونہ پیش کرکے انہیں صبر کی مؤثر تلقین فرمائی۔
جہاںتک حضرت حمزہؓ کی جدائی کے غم کا تعلق ہے وہ آنحضرتﷺکو آخر دم تک رہا۔ چنانچہ حضرت حمزہؓ کا قاتل وحشی جب طائف کے سفارتی وفد میں شامل ہوکر آپؐ کی خدمت میں حاضر ہوا اور اسلام قبول کیا تو حضورؐ نے اس سے پوچھا کہ تمہارا نام وحشی ہے اس نے اثبات میں جواب دیا۔ آپ ؐنے فرمایا کیا’’ تم نے حضرت حمزہؓ کو قتل کیا تھا۔‘‘ وحشی نے عرض کیا کہ یہ بھی درست ہے۔ اس پر حضرت رسول اللہ ﷺنے صرف اتنا فرمایا کہ ’’کیا یہ ممکن ہے کہ تم میرے سامنے نہ آیا کرو‘‘(کہ تمہیں دیکھ کر مجھے اپنے محبوب چچا کی یاد آئے گی)(29)
بوقت شہادت حضرت حمزؓہ کی عمرانسٹھ سال تھی(30)رسولؐ اللہ نے خدا اور اس کے رسول کے شیر کا خطاب دیا اور بلاشبہ وہ اس لائق تھے جیسا کہ کعب ؓ بن مالک نے ان کی شہادت پر اپنے مرثیہ میں کہا تھا۔’’میری آنکھیں آنسو بہاتی ہیں اور حمزہؓ کی موت پر انہیں رونے کا بجا طور پر حق بھی ہے مگر خدا کے شیر کی موت پر رونے دھونے اور چیخ و پکار سے کیا حاصل ہو سکتا ہے وہ خدا کا شیر حمزہؓ کہ جس صبح وہ شہید ہوا دنیا کہہ اٹھی کہ شہید تو یہ جواں مرد ہوا ہے۔‘‘ اورآج ہمارے دل کی یہ آواز ہے۔
شہید حق کی نعش پہ نہ سر جھکا کے روئیے
وہ آنسوؤں کو کیا کرے لہو سے منہ جو دھو چکا
اے خدا کے شیر!اے شہید حق و صداقت آپ پر سلام،ہزاروں سلام!



حوالہ جات
1-
الاصابہ جزنمبر 2ص 37
2-
مجمع الزوائد جلد 9ص 267، سیرت ابن ہشام جلد نمبر2ص 48
3-
ابن سعد جلد نمبر3ص 9
4-
ابن سعد جلدنمبر 3ص 9,10
5-
مسند احمد جلد نمبر 2ص 175
6-
اصابہ جز نمبر 2ص 37
7-
مسند احمد جلدنمبر2ص 410
8-
مسند احمد جلد نمبر 1ص 117
9-
ابو دائود کتا ب الجہاد باب فی المبارزہ
10-
بخاری کتاب المغازی باب قتل ابو جہل
11-
ابن سعدجلد 3ص 10،مجمع الزوائد جلد 6ص 81
-12
اسد الغابہ فی جلد2ص 46بیروت
-13
بخاری کتاب المغازی باب قتل حمزہؓ
-14
ابن سعد جلد نمبر3ص 12،مستدرک حاکم جلد 3ص 199
واصابہ جز نمبر 2ص 37
-15
بخاری کتاب المغازی باب قتل حمزہؓ
-16
ابن سعد جلد نمبر 3ص 12
-17
مسند احمد جلد نمبر 1ص 463بیروت
-18
ابن ہشام جلد نمبر 3ص 171
-19
منتخب کنز العمال بر حاشیہ مسند جلد5ص 169ابن سعد جلد نمبر3ص 13
-20
منتخب کنز العمال بر حاشیہ مسند جلد5ص 169ابن سعد جلد نمبر 3ص 16
-21
ابن سعد جلد نمبر 3ص 14
-22
مسند احمد جلد نمبر 1ص 117
-23
ابن سعد جلد نمبر 3ص 11
-24
مسند احمد جلد نمبر 1ص 3,4
-25
مسند احمد جلد 2ص 396
-26
بخاری کتاب الجنائز باب اذالم یوجد الثوب
-27
ابن سعد جلد3ص 17
-28
مسند احمد جلد 2ص 84
-29
بخاری کتاب المغازی باب قتل حمزہ
-30
ابن سعد جلد 3ص 10


حضرت عباس ؓ بن عبدالمطلب
نام ونسب
دراز قد خوبصورت شکل گورا رنگ ،یہ تھے رسول خداﷺکے چچا حضرت عباسؓ بن عبدالمطلب بن ہاشم بن عبد مناف، جوعمر میں آپؐ سے دو تین سال ہی زیادہ تھے۔ ان کی والدہ نتیلہ بنت خباب بن کلیب وہ پہلی خاتون تھیں جنہوں نے خانہ کعبہ کو ریشمی غلاف چڑھایا۔ کنیت ابو الفضل تھی۔ زمانہ جاہلیت سے قریش کے رؤسأ میں سے تھے۔ بنو ہاشم کے سپرد بیت اللہ کی ’’خدمت سقایہ‘‘یعنی حاجیوں کو پانی پلانا اور’’عمارۃ المسجد الحرام‘‘یعنی بیت اللہ کی آبادی اور قیام امن انہوں نے ورثہ میں پائی۔ دیگر تمام سرداران قریش اس خدمت میں حسب معاہدہ ان کے معاون و مددگار ہوتے تھے۔ اس لحاظ سے مکہ میں ایک شرف کا مقام انہیں حاصل تھا۔(1)
قبول اسلام اور تائید ونصرت
بالعموم حضرت عباسؓ کا زمانہ اسلام ان کی ہجرت مدینہ کے وقت خیال کیا جاتا ہے جو فتح مکہ سے معاً پہلے ہوئی لیکن فی الواقعہ انہوں نے مکہ میں بہت ابتدائی زمانہ میں اپنی بیوی ام الفضلؓ کے ساتھ ہی اسلام قبول کر لیا تھا۔ مگر بیت اللہ کی اہم خدمات کی سعادت اور مکہ میں مسلمانوں کے مفادات کی حفاظت کیلئے حضرت عباسؓ کا مکہ رہنا ایک دینی ضرورت تھی۔چنانچہ وہ رسول اللہ ﷺ کے ارشاد کے مطابق مکہ میں ہی رہ کر اہم خدمات بجالاتے رہے۔
حضرت عباسؓ کے صاحبزادے حضرت عبداللہ ؓ کی روایت ہے کہ ان کے والد حضرت عباسؓ ہجرت مدینہ سے قبل اسلام قبول کر چکے تھے دوسری روایت کے مطابق ام الفضل ؓکے ساتھ حضرت عباسؓ نے اسلام قبول کیا تھا۔
اس دوسری روایت کی تائیدرسول اللہﷺ کے آزاد کردہ غلام ابور افعؓ نے بھی کی ہے میں حضرت عباسؓ کا غلام تھا اور ان کے سارے گھرانے بشمول حضرت عباسؓ ان کی بیوی ام الفضل ؓاور میں نے آغاز میں اسلام قبول کر لیا تھا۔ مگر عباسؓ کو(اپنے منصب کی وجہ سے) قوم قریش سے خدشات تھے او روہ ان کی اعلانیہ مخالفت پسند نہیں کرتے تھے اس لئے انہوں نے اپنا اسلام مخفی رکھا۔(2)
ام الفضلؓ مکہ میں حضرت خدیجہؓ کے معاً بعد اسلام لائی تھیں۔ رسول اللہﷺ ان کے گھر تشریف لے جاتے اور آرام فرماتے تھے۔(3)
ابتدائی زمانہ میں حضرت عباسؓ کے قبول اسلام کیلئے حضرت عمرؓ کی کوششوں کا بھی ذکر ملتا ہے جو بالآخر کامیاب ہوئیں۔ حضرت عمرؓان سے اپنی دوستی کی وجہ سے کہتے تھے کہ ’’آپ مسلمان ہوجائیں آپ کا قبول اسلام مجھے اپنے باپ خطاب کے اسلام سے بھی زیادہ محبوب ہے۔‘‘چنانچہ جب حضرت عباسؓ نے اسلام قبول کیا تو رسول اللہﷺ بھی بہت خوش ہوئے۔ آپ کے آزاد کردہ غلام ابور افعؓ کا بیان ہے کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺکو حضرت عباسؓ کے قبول اسلام کی خبردی جس پر خوش ہو کر رسول کریمﷺ نے انہیں آزاد کردیا۔(4)
پس رسول اللہ ﷺکی ہجرت مدینہ کے بعدمکہ میں حضرت عباسؓ کا قیام رسول کریمﷺ کی اجازت خاص کے ماتحت تھا۔ چنانچہ حضرت ابن عباسؓ بیان کرتے ہیں کہ ہجرت کے بعد مکہ میں کوئی خبر رسول اللہ ﷺپر مخفی نہیں رہتی تھی۔ حضرت عباسؓ سب حالات آپ کو لکھ کر بھجواتے تھے۔نیز ان کی موجودگی سے مکہ میں پیچھے رہ جانے والے مسلمانوں کو مدد اور تقویت حاصل ہوتی تھی۔ حضرت عباسؓرسول اللہ ﷺسے مدینہ آنے کی اجازت طلب کرتے رہتے تھے۔ مگر رسول کریمﷺنے آپ کو یہی لکھا کہ ’’آپ کا وہاں ٹھہرنا عمدہ جہاد ہے‘‘ چنانچہ وہ رسولؐ اللہ کے ارشاد پر مکہ ٹھہرے رہے۔(5)
رسول اللہ ﷺکی ہجرت مدینہ سے قبل حضرت عباسؓ کے قبول اسلام کی روایت دیگر تاریخی شواہد کی روشنی میں زیادہ قرین قیاس معلوم ہوتی ہے۔
چنانچہ شعب ابی طالب کے زمانہ میں حضرت عباسؓ نے رسول کریمﷺ کا کھل کر ساتھ دیا اور آ پ کے ساتھ تین سال تک وہاںمحصور رہے جبکہ بنو ہاشم میں سے بعض دیگر ابو لہب وغیرہ کھل کر مخالفت کرتے رہے۔شعب ابی طالب کے دوران رسول کریمﷺ نے اپنی چچی ام الفضل ؓکو بیٹے کی بشارت دی انہوں نے حضرت عباسؓ کو جاکر بتایا تو وہ نبی کریمؐ کی خدمت میں حاضر ہوئے۔ حضورؐ نے ان کی پیشانی کا بوسہ لیا اپنے دائیں بٹھایا اورفرمایا ’’یہ میرے چچا ہیں جو چاہے وہ اپنا ایسا چچا مقابلہ پر لائے۔‘‘ حضرت عباسؓ نے جھینپتے ہوئے عرض کیایارسولؐاللہ! حضورؐ نے فرمایا ’’میں یہ کیوں نہ کہوں جبکہ آپ میرے چچا اور میرے والد کی نشانی ہیں اور چچا بھی والدہوتا ہے‘‘ پھر محاصرہ شعب ابی طالب کے دوران ہی ام الفضلؓ کے ہاں جو بیٹا پیدا ہوا،اس کا نام آپؐ نے عبداللہ رکھا اور خود اسے گڑتی دی۔(6)
ابو طالب کی وفات کے بعد مدینہ ہجرت سے قبل رسول اللہ ﷺکا قابل اعتماد ٹھکانہ حضرت عباسؓ کا گھر تھا جہاں ذوالحجہ12ھ میںانصار کے نمائندوںنے آکر ملاقات کی اور حضرت عباسؓ کے مشورہ سے ہی حج کے بعد منیٰ کی رات ایک پہاڑی گھاٹی میںمخفی اورمحدود ملاقات طے ہوئی۔ عقبہ میں بارہ انصار کی اس پہلی بیعت سے قبل رسولؐ اللہ کے خیر خواہ اور نمائندہ کے طورپر حضرت عباسؓ ہی شریک ہوئے ۔ انہوں نے انصار سے کھل کر یہ بات کی کہ آپ لوگ رسول کریمؐ کو اپنے ہاں آنے کی دعوت دے رہے ہیں، اور محمدؐ ہم میں سب سے معزز اور قابل احترام ہیں۔ قبیلہ ان کی مکمل حفاظت کرتا ہے۔ اب تمہارا ان کو مدینہ لے کر جانا پورے عرب سے کھلم کھلا اعلان جنگ ہوگا۔ کیا تم اس کی طاقت رکھتے ہو۔ جب انصارمدینہ نے اپنے دلی جذبات کا مخلصانہ اظہار کیااور رسولؐ اللہ کی اطاعت ووفا اور حفاظت کایقین دلایا تو نبی کریمؐ نے کچھ وعظ کرنے کے بعد ان کی بیعت لی ۔ اس بیعت میں بھی حضرت عباسؓنہ صرف شامل ہوئے بلکہ ابن سعد کی روایت ہے کہ انہوں نے اس تاریخی بیعت کے وقت رسولؐ اللہ کا ہاتھ میں ہاتھ دے کر اپنا عہدبیعت از سر نوتازہ کیا۔
بعد کے زمانہ میں جب انصار مدینہ میں یہ سوال اٹھا کہ اس موقع پرسب سے پہلے کس نے بیعت کی تھی؟تو سب کی رائے ہوئی کہ حضرت عباسؓ سے پوچھا جائے انہوںنے اپنے ساتھ جن انصار کے حق میں بالترتیب رسول اللہﷺ کے ہاتھ میں ہاتھ دینے کی گواہی دی وہ حضرت برائؓ، حضرت ابوالہیثمؓ اور حضرت اسعدؓ تھے۔ (7)
اگلے سال حج کے موقع پرپھر ستر انصارجب اسی گھاٹی میں اکٹھے ہوئے اور بیعت عقبہ ثانیہ ہوئی تو صر ف حضرت عباسؓ رسول کریمﷺکے ہمراہ تھے ۔آپؐ نے انصار سے فرمایا کہ’’ مشرکین کے جاسوس تمہارے پیچھے ہیں۔ اس لئے تمہارے نمائندے مختصر بات کریں تاکہ مشرک تمہیں کوئی نقصان نہ پہنچاسکیں۔‘‘(8)
حضرت عباسؓ کے اخفائے اسلام کی حکمت عملی
ابن اسحاق کی کعب بن مالکؓ سے یہ روایت محل نظر ہے کہ بیعت عقبہ کے وقت حضرت عباسؓاپنے دین پر تھے اورمحض اپنے بھتیجے کی تائید کیلئے آئے تھے۔(9) امر واقعہ یہ ہے کہ وہ رسول اللہﷺ کی تائید کیلئے آئے تھے اور ابن اسحاق کی یہ رائے حضرت عباس ؓ کے اسلام مخفی رکھنے کی وجہ سے ہے ۔ کیونکہ اس شدید مخالفت کے زمانہ میں ان کی یہی حکمت عملی رہی، انہوں نے اہل مدینہ کو عقبہ کی رات بھی توجہ دلاتے ہوئے کہا تھا کہ ’’آج رات مکے والوں نے جاسوس چھوڑ رکھے ہیں تم اپنی سواریوں کی گھنٹیاں بھی اتار دینا اور بیعت کے بعد اپنا معاملہ مخفی رکھنا۔ورنہ مجھے تمہارے بارے میں خوف ہے۔‘‘ چنانچہ اہل مدینہ نے حضرت عباسؓ سے یہ سب کچھ مخفی رکھنے کا وعدہ کیا۔ (10)
عقبہ ثانیہ کے بعد کفار مکہ کے سخت رد عمل سے بھی حضرت عباسؓ کے اخفاء کی حکمت سمجھ آجاتی ہے۔ رسول کریم ؐ نے لیلۃالعقبہ میں حضرت عباسؓ کی مکمل تائید و حمایت کو ہمیشہ یاد رکھا۔آپؐ فرماتے تھے ’’اس رات میرے چچا عباسؓ کے ذریعہ میری تائیدو نصرت کی گئی۔‘‘(11)
حضرت عباسؓ اپنے مخفی اسلام کی وجہ سے ہی جنگ بدر میں پہلے پہل لشکر کفار میں شامل نہیں ہوئے جب لشکر مرّا لظہران مقام پر پہنچا تو ابو جہل نے کہا کہ بنو ہاشم کے لوگوں کا اس لشکر میں شامل نہ ہونا فتح یا شکست دونوں صورتوں میں تمہارے لئے نقصان دہ ہے۔پس جیسے بھی ہو ان کو اس جنگ میں ضرور شامل کروخواہ زبردستی نکال کر ساتھ لے آئو ۔چنانچہ اہل مکہ واپس جاکر حضرت عباسؓ اور دیگر افراد بنو ہاشم کو ساتھ لائے اور انہیں لشکر کفار میں شامل کیا۔(12)
ادھر رسول کریمﷺکوبھی اس کی اطلاع ہوگئی ۔ چنانچہ حضرت عباسؓ سے روایت ہے کہ رسول کریمﷺ نے بدر کے دن اپنے اصحاب سے فرمایا’’مجھے خوب علم ہے کہ بنی ہاشم وغیرہ کے بعض لوگ مجبور اً جنگ کیلئے مکہ سے نکالے گئے ہیں۔ ہمیں ان سے جنگ کی ضرورت نہیں۔ اسلئے جو عباس،طالب،عقیل اور نوفل کو جنگ میں پائے انہیں قتل نہ کرے۔‘‘(13)
بنو ہاشم کے مجبوراً جنگ میں شامل ہونے کے باوجود قریش کو اندیشہ ہائے دورودراز تھے کہ وہ کہیں رسولؐ اللہ کی تائید کرتے ہوئے انہیں نقصان نہ پہنچا دیں۔ چنانچہ انہوں نے دوران جنگ بنوہاشم کو حکیم بن حزام کے زیر نگرانی ایک الگ خیمہ میں رکھنے کا حتیاطی انتظام کیاتھا۔پھر جنگ کے دوران جب حضرت عباسؓ او رعقیلؓ کو عبیدؓ بن اوس انصاری نے گرفتار کیا تو رسول کریمﷺنے اس پر خوشی کا اظہار کیا کہ ان کی جانیں بچ گئیں اور عبیدؓکو فرمایا کہ ان دونوں کی(صحیح سالم)گرفتاری کیلئے فرشتے نے تمہاری مدد کی ہے۔ (اس سے معلوم ہوتا ہے کہ رسول کریمﷺ ان کی حفاظت کیلئے دعائیں کر رہے تھے)۔
جنگ کے بعد حضرت عباسؓ نے پھرواپس مکہ جاکر اپنے مفوضہ فرائض انجام دینے تھے۔ اسلئے ضروری تھا کہ ان کے اخفائے اسلام کی حکمت عملی جاری رکھتے ہوئے ان سے دیگر کفار قیدیوں جیسا معاملہ کیا جائے۔ یہی وجہ ہے کہ حضرت عباسؓسے دیگر قیدیوں کا ساسلوک کرتے ہوئے رسیوں میں جکڑ کر باندھا گیا۔رسول کریمﷺکو اپنے مسلمان چچا کے قیدمیں جکڑے ہونے کی حالت میں کراہنے کی آواز سن کر بے چینی سے نیند نہیں آرہی تھی۔ صحابہ کو خبر ہوئی تو انہوں نے حضرت عباسؓ کے بندھن ڈھیلے کر دئے۔ رسول کریمﷺکو پتہ چلا تو فرمایا کہ سب قیدیوں کے بندھن ڈھیلے کردو۔رہائی کیلئے حضرت عباسؓسے فدیہ کا مطالبہ بھی اسی لئے تھا کہ انہیں دیگر قیدیوں جیسا ہی سمجھا جائے۔اس پر وہخود تعجب سے کہہ اٹھے’’یارسولؐ اللہ!میں تو دل سے مسلمان ہوں۔مجھے مجبوراًجنگ میں لایا گیا ہے۔‘‘ نبی کریمؐ نے کیا پرحکمت جواب دیافرمایا ’’اللہ آپ کے اسلام کو جانتا ہے اور اگر یہ سچ ہے تو اللہ تعالیٰ آپؓ کو ضرور اس کی جزا عطا کرے گا۔مگر ہم تو ظاہر پر فیصلہ کریں گے اسلئے آپ اپنا فدیہ ادا کریں۔‘‘ چنانچہ ان سے 20اوقیہ سونا فدیہ لیا گیا۔یہ ایک مضبوط حکمت عملی تھی تاکہ اس کے بعد بھی حضرت عباسؓ مکہ میں رہ کر رسول اللہ ﷺ کیلئے کام کر سکیں۔ بعض صحابہ نے اس حکمت کو نہ سمجھتے ہوئے ، حضرت عباسؓ کے مسلمان ہونے کے ناطہ سے رسول کریمؐ سے درخواست بھی کی کہ حضرت عباسؓ کا فدیہ معاف کر دیا جائے لیکن رسول کریمؐنے بوجوہ یہ درخواست قبول نہیں فرمائی۔(14)
اللہ تعالیٰ کی عجیب شان ہے کہ رسول اللہ ﷺ کے مذکورہ بالا فرمان کے مطابق اس کے بعد حضرت عباسؓ کو اس فدیہ سے کئی گنا زیادہ مال عطا کرنے کے سامان ہوئے ۔جیسا کہ اسیر ان بدر کے بارہ میں سورۃ انفال کی آیت71میں بھی وعدہ تھا۔حضرت ابن عباسؓ کی روایت ہے کہ یہ آیت حضرت عباسؓ اور دیگر اسیران بدر کے بارہ میں اتری تھی کہ’’ اے نبی!تمہارے ہاتھ میں جو قیدی ہیں انہیں کہہ دے کہ اگر اللہ تمہارے دلوں میں ’’خیر ‘‘معلوم کرے گا تو جو (فدیہ) تم سے لیا گیا ہے اس سے بہتر تمہیں عطا کرے گا اور تمہیں بخش دے گا اور اللہ بخشنے والا مہربان ہے۔
خود حضرت عباسؓ بیان کرتے تھے کہ مجھ سے بیس اوقیہ سونا فدیہ لیا گیا تھا اس کی جگہ اللہ تعالیٰ نے مجھے بیس غلام عطا کئے جن میں سے ہر ایک کی قیمت بیس اوقیہ تھی۔ پھر اللہ تعالیٰ نے مجھے زمزم عطا کیا جو مکہ کے سب اموال سے بڑھ کرمجھے عزیز ہے۔(ابو لہب کی موت کے بعد یہ ذمہ داری براہ راست حضرت عباسؓ کے حصہ میں آئی تھی) اور اب میں اپنے رب سے اس آیت میں کئے گئے آخری وعدہ مغفرت کا امیدوار ہوں۔
فتح بحرین کے بعد جب اموال غنیمت آئے تو رسول کریمﷺ نے حضرت عباسؓ سے کہا کہ اس میں سے جتنا چاہیںلے لیں حضرت عباسؓ نے ایک گٹھڑی بنالی جو اتنی بھاری تھی کہ اکیلے اٹھا نہ سکے اور رسول کریمؐ سے کہا کہ اٹھواد یں۔ حضوؐر مسکرائے اور فرمایا کہ گٹھڑی کو ہلکا کرکے جتنی طاقت ہے اتنا خود ہی اٹھائیں۔ حضرت عباسؓ یہ مال لے کر کہتے جاتے تھے کہ اللہ کا وعدہ تھا جو پورا ہوا کہ ’’جو تم سے لیا اس سے بہتر دے گا۔‘‘(15)
غزوات میں شرکت
بدر کا بدلہ لینے کیلئے کفار مکہ نے اگلے سال پھر جنگ کی تیاری کی اور احد کا معرکہ پیش آیا۔جس کیلئے تین ہزار کا لشکر لے کر وہ مکہ سے نکلے جس میں تین ہزار اونٹ سات سو زرہ پوش اور دو سو گھڑ سوار تھے،حضرت عباسؓ نے یہ تیاریاں دیکھیں تو بنی غفار کا ایک شخص اس شرط سے اجرت پر لیا کہ وہ ان کاخط تین دن کے اندررسول کریمﷺکو مدینہ پہنچائے۔اس میں اطلاع تھی کہ قریش کا تین ہزار کا مسلح لشکرمدینہ کی طرف روانہ ہوچکا ہے آپ اپنا انتظام کرلیں قباء میں حضوؐر کو یہ خط ملاآپ نے فوری طور پر صحابہ ؓسے مشورہ کیا۔چنانچہ رسول اللہ ﷺنے نواح مدینہ کے حالات معلوم کرنے کیلئے کچھ لوگ مقرر کر دئے جو آپؐ کو تازہ خبر پہنچاتے رہیں اورمدینہ کی حفاظت اور پہرہ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا اور بالآخر مسلمانوں کے مشورے سے مدینہ کے باہر جاکر دشمن کے مقابلہ کا فیصلہ کیا گیا اور احد میں یہ معرکہ پیش آیا۔اس طرح حضرت عباسؓ کی بروقت اطلاع سے مدینہ اچانک حملہ سے محفوظ رہا۔(16)
فتح خیبر کے موقع پر حضرت عباسؓ مکہ میں ہی تھے ۔ایک شخص حجاج نامی نے مسلمانوں کی شکست کی خبر اڑا دی۔حضرت عباسؓ سخت پریشان ہوئے۔ بعد میں خیبر کی فتح کا علم ہوا تو رسول کریمؐ سے ملاقات کیلئے مکہ سے روانہ ہوئے ۔چنانچہ رسول کریمﷺ سے جحفہ مقام پر ان کی ملاقات ہوئی۔ نبی کریمؐ نے حضرت عباسؓ کو غنیمت خیبر سے حصہ عطا فرمایا اور دو سو وسق (قریباً نو صد من) کھجور سالانہ بھی مقررفرمائی۔ اس کے بعد حضرت عباسؓ جملہ غزوات فتح مکہ،حنین،طائف اور تبوک میں رسول کریمؐ کے ساتھ شریک رہے۔(17)
سفر فتح مکہ میں جب حضرت عباسؓ کی جحفہ میں رسول کریمﷺ سے ملاقات ہوئی تو آپ نے فرمایا یَا عَمِّ اِنَّکَ خَاتَمُ المُھَاجِرِینَ فِی الھِجْرَۃِ کَمَا اَنَا خَاتَمُ النَّبِیٖنَ فِی النُّبُّوَۃِ(18)کہ اے میرے چچا! آپ ہجرت میں اسی طرح خاتم المہاجرین ہیں جس طرح میں نبوت میں خاتم النبین ہوں۔ گویا حضرت عباسؓ کا ارادہ ہجرت کے باوجود رسولؐ اللہ کے ارشاد پر مکہ میںرہ کر اہم ذمہ داریاں ادا کرنا آپ کی ہجرت کی شان بڑھا گیاکہ آپ سب مہاجرین میں ہجرت کے لحاظ سے بلند مرتبہ اور افضل ٹھہرے۔ اس موقع پر خاتم کے معنے بھی خوب کھل کر سامنے آگئے کہ اس سے محض زمانی لحاظ سے آخری فرد مراد نہیں ہوتا بلکہ فضیلت و مرتبت میں آخری کا مفہوم ہوتا ہے ورنہ حضرت عباسؓ کے بعد ہمیشہ کیلئے ہجرت کا خاتمہ اور مہاجر کا لقب ممنوع ماننا پڑے گا۔ جو خلاف واقعہ ہے۔
فتح مکہ کی رات جب حضرت عمرؓ گشت کے دوران ابو سفیان کو گرفتار کر لائے تو حضرت عباسؓ نے اسے پناہ دی اور یوں مکہ کی قیادت اس طرح ٹوٹ گئی کہ فتح مکہ کے موقع پر کفار کی طرف سے کوئی بڑی مزاحمت نہ ہوسکی۔
غزوہ حنین میں حضرت عباسؓ رسول اللہﷺ کے شانہ بشانہ ہوکر لڑے۔ ان کا اپنا بیان ہے کہ ’’میں اور رسول اللہ ﷺ کے چچا ابو سفیان بن حارث آپؐ کے ساتھ چمٹے رہے اور آپؐ سے کسی حال میں جدا نہیں ہوئے۔ حضوؐر سفید خچر پر سوار تھے۔ حضرت عباسؓ نے اس کی لگام تھام رکھی تھی ۔ بنوہوازن کے تیر اندازوں کے اچانک حملہ سے مسلمانوں میں بھگدڑ مچ گئی ۔ حضرت عباسؓ جو بلند آواز تھے وہ کمال حکمت سے جوش دلا کر اصحاب رسولﷺ کو آواز دینے لگے کہ کہاں ہیں حدیبیہ کے موقع پر بیعت کرنے والے ؟حضرت عباسؓ بیان کرتے ہیں کہ میری اس آواز پر صحابہ میدان میں اس طرح واپس پلٹے جیسے گائے اپنے بچے کی آواز پرپلٹتی ہے۔وہ لبیک لبیک کہتے ہوئے آئے اور کفار سے ڈٹ کرمقابلہ کرنے لگے۔ پھر حضرت عباسؓ نے انصارکو آواز دی۔ پھر باری باری ان کے قبائل کے نام لے کر بلایا یہاں تک کہ میدان جم گیااور رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ ’’اب میدان جنگ خوب تپ گیا ہے۔‘‘ پھر آپؐ نے کنکروں کی مٹھی لے کر کفار پر پھینکی اور فرمایا’’ محمدﷺکی قسم اب یہ پسپا ہوگئے ۔‘‘(19)
مقام وفضائل
رسول کریمﷺحضرت عباسؓ کی بہت عزت اور اکرام فرماتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا’’عباسؓ میرے بقیہ آبائواجدادمیں سے ہیں۔ جس نے انہیں اذیت دی اس نے مجھے اذیت دی اور چچا بھی باپ کے قائمقام ہوتا ہے۔‘‘(20)
حضرت عباسؓ نہایت دانش مند اور صائب الرائے تھے اور خاندان قریش کے رحمی رشتوں کے نمائندہ اور انکے ساتھ احسان کا سلوک کرنے والے تھے۔
رسول کریمﷺ نے فرمایا عباسؓ قریش میں سے زیادہ سخی اور صلہ رحمی کرنے والے ہیں۔ چنانچہ حضرت عباسؓ نے ستر غلام آزاد کئے۔(21)
رسول اللہ ﷺکے ہاں حضرت عباسؓ کاایک خاص مقام و مرتبہ تھا اور صحابہؓ ان کی یہ فضیلت خوب پہچانتے تھے ۔وہ ان سے مشورہ کرتے اور ان کی رائے پر عمل کرتے تھے۔ (22)
ایک دفعہ حضرت عباسؓ بیمار ہوئے اور موت کی تمنا کرنے لگے۔ رسول اللہ ﷺتشریف لائے اور فرمایا ’’موت کی تمنا نہ کرو کیونکہ اگر تو تم نیک ہو اور تمہیں اور مہلت مل جائے تو مزید نیکیوں کی توفیق مل جائے گی اور اگر معاملہ برعکس ہے اور پھر تمہیں مہلت مل گئی تو شاید اپنی کوتاہیوں سے معافی کی توفیق مل جائے اس لئے موت کی خواہش نہ کرو۔‘‘ چنانچہ حضرت عباسؓ رسول اللہ ﷺکی دعا سے صحت یاب ہوئے اور حضرت عثمانؓ کی خلافت کا زمانہ پایا۔ صحبت رسولﷺ کے نتیجہ میں انہیںدین کی گہری سمجھ عطا ہوئی اور وہ راضی برضا ہوگئے تھے۔ ان سے مروی احادیث سے بھی یہ بات جھلکتی ہے کہ ان کے رجحانات اور احساسات و خیالات کیسے پاکیزہ تھے۔ وہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺکو فرماتے سنا ’’اس شخص نے ایمان کا مزا چکھ لیا جواللہ کو رب، اسلام کو دین اور محمدﷺ کو رسول ماننے پر راضی ہوگیا۔‘‘(23)
حضرت عباسؓ نے ایک دفعہ رسول کریمﷺسے عرض کیا کہ’’ میں آپ کا چچا ہوں اور عمر رسیدہ موت قریب ہے آپ مجھے کوئی ایسی چیزسکھائیں جو اللہ کے ہاں مجھے فائدہ دے۔‘‘ رسول کریمﷺ نے فرمایا’’ اے عباسؓ! تو میرا چچا ہے اور میں اللہ کے مقابلہ میں تمہارے کچھ کام نہیں آسکتا لیکن آپ اپنے رب سییہدعا کیاکرو۔اَللَّھُمَّ اِنِّی اَسئَلُکَ الْعَفْوَ وَالْعَافِیَۃَ اے اللہ میں تجھ سے عفو وعافیت کا طلبگار ہوں۔یہ بات حضورؐ نے تین بار فرمائی۔ سال گزرنے پر انہوں نے پھر یہ سوال کیا توآپؐ نے انہیں یہی جواب دیا۔(24)
حضرت عباسؓ صاحب رؤیا و کشوف تھے۔ رسولؐ اللہ کی وفات کی پیشگی خبر انہیں بذریعہ رؤیا ہوئی جو انہوں نے خود رسول کریمﷺ سے بیان کی کہ میں نے سورج یا چاند کو دیکھا کہ شایداسے مضبوط رسیوں کے ساتھ زمین سے آسمان کی طرف اٹھا لیا گیا ہے۔ رسول کریمﷺ نے فرمایا’’ اس سے مراد تمھارا بھتیجا ہے۔‘‘(25)
خلفائے راشدین کا حسن سلوک
رسول کریمﷺ نے اپنے اہل بیت کے بارہ میں ارشاد فرمایا کہ’’ کسی شخص کے دل میں ایمان داخل نہیں ہوسکتا جب تک وہ میرے اہل بیت اور ان کے قرابت داروں سے میری وجہ سے محبت نہ کرے۔‘‘(26)
رسول اللہ ﷺکی وفات کے بعدحضرت ابوبکرؓ کی خلافت کے زمانہ میں جب حضرت عباسؓ اور دیگر اہل بیت کی طرف سے وراثت رسول کا سوال اٹھا تو انہوں نے فیصلہ کیا کہ ’’رسول کریم ؐ نے فرمایا تھا کہ ہمار ا ترکہ صدقہ ہوگا اور محمدؐ کے اہل بیت اس میں سے اپنے گزارے کے اخراجات لیا کریں گے۔میرا فیصلہ بھی یہی ہے باقی جہاں تک رسول اللہ ﷺکے قرابت داروں کا تعلق ہے خدا کی قسم رسول اللہ ﷺکے قرابت دار مجھے اپنے قریبی رشتہ داروں سے بڑھ کر پیارے ہیں۔‘‘ (27) حضرت عباسؓ اور دیگر اہل بیت نے یہ فیصلہ بسروچشم قبول کیا۔
حضرت عمرؓ حضرت عباسؓ کی بہت قدرو منزلت فرماتے تھے۔جب مدینہ میںقحط ہوتا تو حضرت عمرؓ،حضرت عباسؓ کے نام کا واسطہ دے کر بارش کی دعا کرتے تھے۔چنانچہ 17ھ میں حضرت عمرؓ کے زمانہ میں شدید قحط پڑا تو حضرت کعبؓنے کہا اے امیر المومنین بنی اسرائیل میں جب اس قسم کی مصیبت آتی تھی تو وہ انبیاؑء کے کسی قریبی رشتہ کا واسطہ دے کر بارش کی دعا کرتے تھے۔ حضرت عمرؓ نے فرمایا کہ رسول اللہ ﷺکے چچا ان کے والد کے قائمقام اور بنی ہاشم کے سردار موجودہیں۔چنانچہ وہ حضرت عباسؓ کے پاس تشریف لے گئے اور قحط کی شکایت کی، پھر حضرت عباسؓ کو ساتھ لے کر منبر رسولﷺپر آئے اور یہ دعا کی۔
’’اے اللہ ہم اپنے نبیﷺ کے چچا( جو اس کے با پ جیسے ہیں) کا واسطہ لے کر تیرے دربار میں حاضر ہیں تو ہم پر رحمت کی بارش نازل فرما اور ہمیں مایوس نہ کر۔ پھرحضرت عمرؓ نے حضرت عباسؓ سے کہا اے ابوالفضلؓ! اب آپ کھڑے ہوکر دعا کریں،چنانچہ حضرت عباسؓ نے اللہ تعالیٰ کی حمدوثناء کے بعد بڑی درد بھری دعا کی۔ اے اللہ! تیرے پاس بادل بھی ہیں اور پانی بھی،پس بادلوں کو بھیج اور ان سے ہم پر پانی نازل فرما اور اس کے ذریعہ جڑوں کو مضبوط کر اورجانوروں کے تھنوں سے دودھ بھردے۔اے اللہ!تو کوئی مصیبت کسی گناہ کے بغیر نازل نہیں فرماتا اور سوائے توبہ کے اسے دور نہیں کرتا اور پوری قوم تیری طرف رخ کرکے آئی ہے پس ہم پر بارش برسا۔ اے اللہ! ہمارے نفوس اور گھروں کے حق میں ہماری شفاعت قبول فرمالے، اے اللہ! ہم تجھے اپنے جانوروں اور چارپایوں میں سے ان کا بھی واسطہ دیتے ہیںجو بولنے کی طاقت نہیں رکھتے،اے اللہ!ہمیں خوب اطمینان بخش اور نفع رساں برسنے والے اور عام موسلا دھاربادل سے سیراب کر۔اے اللہ !ہم سوائے تیرے کسی سے امید نہیں کرتے ،نہ تیرے سوا کسی سے دعا کرتے ہیں اور نہ ہی تیرے سوا کسی سے رغبت رکھتے ہیں۔اے اللہ! ہم ہر بھوکے کی بھوک کا شکوہ اور ہرننگے کے ننگ کی شکایت تجھ سے کرتے ہیں۔ ہر خوف زدہ کے خوف اورہر کمزور کی کمزوری تیرے حضور پیش کرتے ہیں۔
الغرض حضرت عباسؓ نے خدا کے رحم کو جوش دلانے والی ایسی دعائیں کیں جن کا مختلف احادیث میں ذکر ہے کہ اس کے نتیجہ میں پہاڑوں جیسے بادل امڈ آئے اور آسمان برسا اور خوب برسا۔زمین کی زرخیزی لوٹ آئی اور لوگوں کو نئی زندگی نصیب ہوئی۔(28)
حضرت حسان ؓبن ثابت نے اس تاریخی واقعہ کا ذکر یوں فرمایا۔
سَاَ لَ الاِمَامُ وَ قَدْ تَتَابَعَ جَدْبُنَا فَسَقَی الغَمَا مُ بِغُرَّ ۃِ العَبّاسٖ
عَمُّ النّبِیِّ وَضَوئُ وَالِدِ ہِ الَّذیْ وَرِثَ النَّبیَّ بِذَ اکَ دُوْنَ النَّاسٖ
اَحیْیَ الاِلٰہُ بِہِ الْبِلاَ دَ فَاَ صْبَحَت مُخضَرَّۃَ الاَ جْنَابِ بَعْدَالَیْاسٖ
(ترجمہ)امام نے مسلسل قحط سالی کے بعد حضرت عباسؓ کی پیشانی کا واسطہ دے کر دعا کی تو باران رحمت کا نزول ہوگیا ہاں وہ عباسؓ جو رسول اللہ ﷺکے چچا اور اپنے اس والد کی روشنی ہیں جو نبی کریمؐ کا باقی لوگوں سے بڑھ کروارث ہے۔ خدا تعالیٰ نے اس بارش سے شہروں کو زندہ کردیا اور ایک مایوسی کے بعد ان کی اطراف سرسبز ہوگئیں۔بارش ہونے کے بعد لوگ حضرت عباسؓ سے ملتے اور کہتے اے مکہ اور مدینہ کو بارش سے سیراب کرنے والے !تجھے مبار ک ہو۔ حضرت عمرؓ نے اس موقع پریہ اصولی وضاحت بھی فرمائی کہ’’ خدا کی قسم!یہ اللہ تعالیٰ کی طرف وسیلہ چاہنے اوراس کے ہاں مقام و مرتبہ کا معاملہ ہے۔‘‘(29)
ایک دفعہ حضر ت عمرؓ جمعہ پڑھانے کیلئے تشریف لارہے تھے۔ حضرت عباسؓ کے گھر کے پرنالے کے پاس سے گزر ہوا۔ جہاں دو چوزے ذبح کرکے ان کا خون پانی سے بہایا جارہاتھا۔ اس کے چھینٹے حضرت عمرؓ پر بھی پڑے۔ انہوں نے گزرگاہ کے بیچ اس پرنالے کے اکھیڑنے کی ہدایت فرمائی۔ گھر واپس جاکر جمعہ کیلئے لباس بدل کر تشریف لائے اور جمعہ پڑھایا۔ حضرت عباسؓ آئے اورعرض کیا کہ اس جگہ پر یہ پرنالہ خود نبی کریمؐ نے لگایا تھا۔ حضرت عمرؓ نے حضرت عباسؓ سے کہا اب میرا آپ کو حکم ہے کہ میری پشت پر سوار ہو کر وہ پرنالہ دوبارہ اسی جگہ رکھیں جہاں رسول کریمؐ نے رکھا تھا۔ چنانچہ حضرت عباسؓ نے ایسا ہی کیا۔(30)
حضرت عباسؓ آخری عمر میں نابینا ہوگئے تھے۔ حضر ت عمرؓ اورحضرت عثمانؓ ان کا خاص احترام کرتے تھے۔ آپ کو دیکھ کر وہ گھوڑے سے اتر آتے اور کہتے رسول اللہﷺ کے چچا ہیں۔ (31)
32ھ میں حضرت عثمان ؓ کی شہادت سے دو سال قبل88سال کی عمر میں حضرت عباسؓ کی وفات ہوئی۔ حضرت عثمانؓ نے جنازہ پڑھایا اور جنت البقیع میں دفن ہوئے۔
آ پ کی تین شادیوں سے کئی بیٹیوں کے علاوہ دس بیٹے تھے۔ جن میں سے حضرت عبداللہؓ بن عباس معروف عالم باعمل بزرگ ہوئے ۔ آپ کے اخلاق فاضلہ میں شجاعت ، بہادری، صلہ رحمی خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔(32)
حوالہ جات
1-
اسد الغابہ جلد 3ص 109
2-
ابن سعد جلد4ص 31،ابن سعد جلد4ص 10
3-
ابن سعد جلد 8ص 277
4-
مجمع الزوائد جلد 9ص 268
5-
ابن سعد جلد4ص 31
-6
مجمع الزوائدجلد 9ص 275
7-
ابن سعد جلد4ص 8
8-
ابن سعد جلد1ص 221و ابن سعد جلد 4ص 7تا۔۔۔
9-
ابن ہشام جلد 2ص 49
10-
ابن سعد جلد 4ص 8
11-
ابن سعد جلد 4ص 31
12-
ابن سعد جلد4ص 9
13-
ابن سعد جلد4ص 10
14-
ابن سعد جلد 4ص 9تا 14
15-
ابن سعد جلد4ص 14تا16
-16
الواقدی جلد 1ص 203
17-
ابن سعد جلد4ص18
18-
سیرۃ الحلبیہ جلد 3ص 90
19-
مسلم کتاب الجہاد باب غزوہ حنین
20-
اسد الغابہ جلد 3ص 110
21-
اسد الغابہ جلد 3ص 110،استیعاب جلد2ص 360
22-
الاصابہ جز4ص 30
23-
مسلم کتا ب الایمان
24-
مسند احمد جلد1ص 210
25-
دارمی کتاب الرؤیا باب فی القمص و البر
-26
ابن ماجہ المقدمہ باب فضل العباس
-27
بخاری کتاب المغازی باب حدیث النضیر
-28
استیعاب جلد2ص 260
-29
اسد الغابہ جلد3ص 111
-30
مسند احمد جلد 1ص 206
-31
الاستیعاب جلد 2ص 360
-32
اسد الغابہ جلد 3ص 112

حضرت جعفرؓ بن ابی طالب
نام ونسب
خاندان بنی ہاشم کے چشم وچراغ حضرت جعفرؓرسول کریمﷺ کے چچا زاد بھائی تھے۔ حضرت علیؓ کے برادر حقیقی اور عمر میں ان سے دس سال بڑے تھے۔ مگر حضرت علیؓ کو رسول اللہﷺ کی تربیت کی برکت اور خود اپنی فطری سعادت کے طفیل قبول اسلام میں اولیت عطا ہوئی۔
قبول اسلام
حضرت جعفرؓ کے اسلام قبول کرنے کی تقریب یوں پیدا ہوئی کہ ایک روز نبی کریمﷺمحو عبادت تھے۔ حضرت علیؓ بھی آپ کے ساتھ عبادت میں شریک تھے کہ رسول اللہﷺکے چچا ابوطالبؓ اپنے بیٹے جعفرکے ساتھ تشریف لائے اور اپنے بیٹے علیؓ کو رسول ؐاللہ کے ساتھ مصروف عبادت دیکھ کر جعفرؓ سے بھی فرمایا کہ تم بھی اپنے بھائیوں کے ساتھ عبادت میں شریک ہوجائو۔ حضرت علیؓ رسول اللہﷺ کے دائیں جانب تھے۔ جعفرؓ نے بائیں جانب کھڑے ہو کر نماز ادا کی اور یوں یہ دونوں بھائی اسلام کے ابتدائی کمزوری کے زمانہ میں رسول اللہﷺ کے مضبوط دست و بازوبن گئے۔ آنحضرتؐ کو اس سے بہت تقویت پہنچی۔ آپ بہت خوش ہوئے اور اللہ تعالیٰ سے علم پا کر حضرت جعفرؓ کو یہ خوشخبری سنائی کہ جس طرح تم نے آج اپنے اس بھائی کے پہلو اور ہاتھ مضبوط کئے ہیں، اللہ تعالیٰ اس کی جزا کے طور پر آپ کو جنت میں پرواز کیلئے دو پر عطا فرمائے گا۔ تب سے حضرت جعفر ــــ’’طیّار‘‘ اور’’ ذوالجناحین‘‘ کے لقب سے ملقّب ہوئے۔ (1) جس کا مطلب ہے دونوں پروں کے ساتھ پرواز کرنے والا (روحانی) پرندہ۔
مقام و مرتبہ
حضرت جعفرؓ کیلئے رسول ؐاللہ کی اس خوشخبری میں دراصل اس روحانی مقام کی طرف بھی اشارہ تھا جو آئندہ شہادت کے بلند مرتبہ سے انہیں کو حاصل ہونیوالا تھا۔ جس کاذکر کرتے ہوئے ایک اور موقع پر آپؐنے فرمایا کہ میں نے حضرت جعفرؓکو جنت میں فرشتوں کے ساتھ محو پرواز دیکھا ہے۔ (2)
حضرت جعفرؓاپنی بعض منفرد خصوصیات کے لحاظ سے یگانہ روز گار تھے۔ چنانچہ ایک موقع پر ہمارے آقا و مولا حضرت محمد مصطفیٰﷺکے بہت ہی پیاروں حضرت زیدؓ،حضرت علیؓ اور حضرت جعفرؓکے مابین یہ سوال پیدا ہو گیا کہ حضوؐرکو زیادہ پیار کس سے ہے؟ کیونکہ حضوؐر کے کمال لطف و کرم کی بدولت ہر ایک ان میں سے اپنے آپ کو حضوؐرکی محبتوں کا مورد اور زیادہ پیارا جانتا تھا۔حضوؐرسے پوچھا گیا تو آپؐ نے کمال شفقت سے سب پیاروں سے ہی دلداری فرمائی کہ سب ہی آپؐ کو محبوب تھے۔ مگر حضرت جعفرؓ سے جو فرمایا اسے سن کر بے محابا حضرت جعفرؓ پر پیار آتا ہے۔ آپ نے فرمایا:۔
’’اے جعفرؓ تو تو خَلق و خُلق یعنی صورت و سیرت میں میرے سب سے زیادہ مشابہ اور قریب ہے‘‘ (3)
ہجرت حبشہ
بلاشبہ یہ ارشاد رسولﷺحضرت جعفرؓکیلئے دین ودنیا میں سندامتیاز سے کم نہیں۔ حضرت جعفرؓ نے ابتدائی زمانہ میں قبول اسلام کی سعادت پائی تھی۔ مسلمانوں کیلئے مکہ میں حالات ناموافق تھے۔ ان کو مصائب و آلام کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔ حضرت جعفرؓ نے بھی دیگر مسلمان مہاجرین کے ساتھ ملک حبشہ کی طرف ہجرت کا فیصلہ کیا۔ اس سفر ہجرت میں آپؐ کی عظیم الشان قائدانہ صلاحیتیں ظاہر ہوئیں۔ انہوں نے شاہ حبشہ کے شاہی دربار میں اسلامی وفد کی نمائندگی کا حق خوب ادا کیا۔
حضرت ام المومنین ام سلمہؓبیان فرماتی ہیں کہ ’’جب ہم نے حبشہ کی طرف ہجرت کی اور شاہ حبشہ نجاشی کی پناہ حاصل کی تو یہ بہت خیرو برکت کی پناہ ثابت ہوئی۔ ہمیں مکمل مذہبی آزادی نصیب تھی اور ہم بلا روک ٹوک عبادت کرتے تھے۔ کسی قسم کی ناپسندیدہ زبانی یا جسمانی ایذارسانی کا سوال تک نہیں تھا۔ جب قریش کو اس صورتحال کا علم ہوا تو انہوں نے دو معتبر قریشی سرداروں عبداللہ ؓبن ربیعہ اور عمروؓ بن العاص کو سفیر بنا کر مکہ کی عمدہ چیزوں کے تحائف کے ساتھ حبشہ بھجوایا۔
اس زمانہ میں اہل حبشہ مکہ سے چمڑا منگوایا کرتے تھے۔ چنانچہ مکہ والوں نے چمڑے کی کئی عمدہ مصنوعات حاصل کر کے حبشہ کے تمام بڑے بڑے سرداروں اور جرنیلوں کیلئے تحائف بھجوائے۔ اپنے سفراء کو ہدایت کی کہ نجاشی سے ملاقات سے پہلے ہر بڑے سردار اور جرنیل کو یہ تحائف پیش کر کے انہیں بتائیں کہ ہمارے کچھ ناسمجھ نوجوان اپنا دین چھوڑ کر ایک نیا دین اختیار کر چکے ہیں اور تمہارے دین میں بھی داخل نہیں ہوئے اور ایک بالکل نئے دین کے ساتھ جسے نہ ہم جانتے ہیں نہ آپ۔ یہ لوگ آپ کے ملک میں آکر پناہ گزیں ہو گئے ہیں اور ہم جو اپنی قوم کے فہمیدہ اور دانا سردارہیں،شاہ حبشہ سے ملاقات کر کے انہیں واپس لے جانے کیلئے درخواست کرنا چاہتے ہیں اس لئے جب بادشاہ آپ حضرات سے مشورہ کرے تو آپ لوگ بھی یہی سفارش کریں کہ وہ ان کا موقف سنے بغیر ہمارے سپرد کر دے۔ ہم لوگ ان کے عیوب ونقائص کو خوب جانتے ہیں۔ جرنیلوں نے بالاتفاق ان سفیروں سے یہی کہا کہ ہم ایسا ہی کریں گے۔
سفرائے مکہ نے شاہ نجاشی کو بھی تحائف پیش کئے اور اپنا موقف پیش کر کے یہ کہا کہ یہ ناسمجھ نوجوان ہمارے عزیزو اقارب میں سے ہیں۔ انہیں ہمارے سپرد کر دیں تاکہ ہم انہیں مناسب سرزنش کر سکیں۔ ان سفیروں کی تمام تر کوشش یہ تھی کہ کسی طرح نجاشی سے مسلمانوں کی بات سنے بغیر یہ فیصلہ کروالیا جائے۔ بادشاہ نے جب اپنے جرنیلوں سے مشورہ کیا تو انہوں نے بھی یہی کہا کہ ’’اہل مکہ کے سفیر سچ کہتے ہیں۔ یہ واقعی عقلمند اور صاحب بصیرت لوگ ہیں اور ان نوجوانوں کے نقص و عیب کو خوب جانتے ہیں۔ انہیں ان کے ملک میں واپس لوٹا دینا چاہئے۔‘‘
منصف مزاج شاہ نجاشی اس پر سخت غضبناک ہوکر کہنے لگا۔’’ خدا کی قسم !ہر گز ہر گز ایسا نہیں ہو گا کہ وہ لوگ جو میرے ملک میں آکر میرے پاس پناہ گزیں ہوئے اور خاص میری پناہ حاصل کرنے کیلئے آئے۔ میں اُن کی بات سنے بغیر کیسے ان کے حوالے کردوں۔‘‘
مسلمانوں کو نجاشی کے دربار میں بلایا گیا۔ وہ سخت مضطرب اور پریشان تھے کہ نہ جانے ان کے ساتھ کیا سلوک ہو۔ مگر وہ خدا تعالیٰ پر کامل توکل کرتے ہوئے شاہی دربار میں پیش ہوئے۔ درباری پادری اپنے صحائف کے ساتھ موجود تھے۔ نجاشی نے مسلمانوں سے پوچھا کہ’’ تمہیں کیا ہو گیا ہے کہ تم نے اپنی قوم کا دین چھوڑ دیا۔ نہ ہی پہلی کسی امت کا دین اختیار کیا نہ ہمارا دین۔‘‘
اس موقع پر بادشاہ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے مسلمانوں کی طرف سے ان کی نمائندگی کا حق حضرت جعفرؓ بن ابی طالب نے خوب ادا کیا۔ انہوںنے اس موقع پر نہایت مدلّل اور عمدہ اور خوبصورت تقریر کی اور کہا ’’ اے بادشاہ!ہم ایک جاہل قوم تھے۔ بتوں کی پرستش کرتے اور مردار کھاتے تھے۔ بدکاری اور رشتہ داروں سے بدسلوکی ہمارا معمول تھا۔ ہم میں سے طاقتور کمزور کو دبا لیتا تھا۔ اس حال میں اللہ تعالیٰ نے ہم میں سے ایک رسول ہماری طرف مبعوث فرمایا جس کی خاندانی شرافت اور صدق و امانت اور پاکدامنی سے ہم خوب واقف تھے۔ اس نے ہمیں خدا کی توحید اور عبادت کی طرف بلایا اور یہ تعلیم دی کہ اس کے ساتھ ہم کسی اور کو شریک نہ ٹھہرائیں۔ نہ ہی پتھروں اور بتوں کی پرستش کریں اس نے ہمیں صدق وامانت،صلہ رحمی،پڑوسیوں سے حسن سلوک اور کشت وخون سے بچنے کی تعلیم دی بے حیائیوں ، جھوٹ، یتیم کا مال کھانے اور پاکدامنوں پر الزام لگانے سے منع کیا۔ ہمیں حکم دیا کہ ہم خدائے وحدہ لا شریک کی عبادت کریں۔ ہمیں نماز روزہ اور زکوۃ کی تعلیم دی۔‘‘
حضرت جعفرؓ نے نجاشی کے سامنے اسلامی تعلیم کا خلاصہ نہایت عمدہ اور خوبصورت رنگ میں پیش کیا اور کہا ’’ہم اس نبی پر ایمان لائے ہیں۔ اس کی تصدیق کی ہے ۔ اس کی تعلیم کو مانا اور قبول کیا ہے۔ہم خدائے وحدہٗ لاشریک کی عبادت کرتے ہیں ۔جن چیزوں سے اس نے روکا ہے اس سے رکتے ہیں اور جو چیزیں اس نے ہمارے لئے جائز قرار دی ہیں ان کو جائز سمجھتے ہیں۔ بس یہی ہماراجرم ہے جس کی بناء پر ہماری قوم نے ہم پر زیادتیاں کیں اور ہمیں سخت اذیتوں اور تکلیفوں میں مبتلا کرکے ہمارے دین سے برگشتہ کرنا چاہا تاکہ ہم خدائے واحد کی عبادت کی بجائے بتوں کی پوجا کریں اورگندی اور ناپاک چیزوں کو حلال جانیں۔ جب ان کے ظلم اور زیادتیاں انتہا کو پہنچ گئیں۔ انہوں نے ہمیں اپنے دین پر آزادی سے عمل کرنے سے روک دیا تو ہم اپنا وطن چھوڑ کر آپ کے ملک میں پناہ لینے چلے آئے ۔ہم آپ کے عدل و انصاف کی شہرت کی وجہ سے کسی اور کی بجائے آپ کی پناہ حاصل کرنے کی اُمید پر یہاںچلے آئے۔ اے بادشاہ! ہمیں پوری اُمید ہے کہ اس ملک میں ہم پر کوئی ظلم یا زیادتی روا نہیں رکھی جائے گی۔‘‘
نجاشی حضرت جعفرؓ کی اس تقریر سے بہت متاثر ہوا اور کہنے لگا کہ وہ دعویدار اللہ تعالیٰ کی طرف سے جو کلام لے کر آیا ہے، اس میں سے کچھ تمہارے پاس موجود ہے؟ حضرت جعفرؓ نے اثبات میں جواب دیا نجاشی نے کہا کہ ’’اچھا مجھے اس میں سے کچھ کلام پڑھ کر سنائو۔‘‘ حضرت جعفرؓ کی ذہانت و فطانت پر رشک آتا ہے کہ انہوں نے فوری طور پر عین موقع کے محل اور مناسبت سے سورۃ مریم کی آیات کی تلاوت ایسی دلآویزی اور خوش الحانی سے کی کہ خدا ترس نجاشی بے اختیار رونے لگا۔ وہ رویااور اتنا رویا کہ اس کی داڑھی آنسوؤں سے ترہوگئی ۔ ساری محفل پر قرآن شریف کے اس پرتاثیر اور برحق کلام کا ایسا اثر ہوا کہ درباری پادری بھی رونے لگے ۔ ان کے صحیفے ان کے آنسوؤں سے تر ہوگئے۔
نجاشی یہ کلام الٰہی سن کر بے اختیار یہ کہہ اٹھا ’’ خدا کی قسم ایسے معلوم ہوتا ہے کہ یہ کلام اور موسیٰ کا کلام ایک ہی منبع اور سرچشمہ سے پھوٹے ہیں۔‘‘ پھر اس منصف مزاج بادشاہ نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے کہا’’ اے مکہ کے سفیرو! تم واپس لوٹ جائو۔ خدا کی قسم میں ان لوگوں کو ہر گز تمہارے حوالے نہیں کرسکتا۔‘‘ مکہ کے ان سفراء نے مزید مشورے کئے اور کہا کہ وہ بادشاہ کے سامنے مسلمانوں کے خراب عقائد اور عیوب بیان کرکے اس نیک اثر کو زائل کرکے ہی دم لیں گے اور اسے بتائیں گے کہ حضرت عیسیٰ ؑ کو یہ عیسائیوں کے اعتقادکے برخلاف محض ایک انسان مانتے اور اس کی تنقیص اور توہین کے مرتکب ہوتے ہیں۔ اگلے روز انہوں نے بادشاہ کے سامنے یہ مؤقف رکھا تو بادشاہ نے پھر مسلمانوں کو بلوا بھیجا۔ بلاشبہ ان کے لئے یہ سخت پریشانی کی بات تھی۔
حضرت ام سلمہؓ کا بیان ہے کہ’’ اس نئی مصیبت سے ہم بہت فکر مند ہوئے۔ ایسی مصیبت سے اس سے پہلے کبھی واسطہ نہ پڑا تھا۔ مسلمانوں نے باہم اکٹھے ہوکر مشورے کئے اور کہا کہ اگر بادشاہ نے حضرت عیسیٰ ؑ کے مقام کے بارہ میں دریافت کیا تو ہم وہی بیان کریں گے جیسا کہ قرآن شریف میں مذکور ہے۔‘‘ چنانچہ جب بادشاہ نے ان سے سوال کیا کہ عیسیٰ ؑبن مریم کے بارہ میں تمہارا کیا عقیدہ ہے؟ تو حضرت جعفرؓ نے کہا کہ ’’اس بارہ میں ہمارے نبیؐ پر یہ کلام اترا ہے کہ عیسیٰ اللہ کا بندہ اور اس کا رسول روح اللہ اور اس کا کلمہ ہے جواس نے کنواری مریم کو عطا فرمایا۔‘‘
نجاشی نے زمین پر ہاتھ مارا اور ایک تنکا اٹھا کر کہنے لگا کہ ’’حضرت عیسیٰ ؑکا مقام اس تنکے کے برابر بھی اس سے زیادہ نہیں جو تم نے بیان کیا ہے۔‘‘ اس پر اس کے سردار اور جرنیل بڑبڑائے۔ مگر نجاشی نے کمال جلالت شان کے ساتھ یہ عادلانہ فیصلہ صادر فرمایا کہ’’ جائو اے مسلمانو! تمہیں میری سرزمین میں مکمل امان ہے اگر تمہیں کوئی برابھلا کہے گا تو اسے سزادی جائے گی۔مجھے یہ ہرگز پسند نہیں کہ مال ودولت کے عوض میں تم میں سے کسی کو تکلیف پہنچائوں ‘‘
پھر شاہ حبشہ نے حکم دیا ’’عرب سفراء کے تحائف واپس لوٹا دیئے جائیں۔ ان کی ہمیں کوئی حاجت نہیں۔ خدا کی قسم! جب اللہ نے میرا ملک مجھے عطا فرمایا تو اس نے مجھ سے کوئی رشوت نہیں لی تھی جو میں عدل و انصاف کے قیام کے لئے رشوت لوں۔‘‘
الغرض یوں حضرت جعفرؓ نے ایک زمانہ دیگر مسلمانوں کے ساتھ اپنے ملک و وطن اوراپنے آقاو مولا حضرت محمد مصطفی ﷺسے دور حبشہ کی سرزمین میں گزارا۔
ہجرت مدینہ
جب حالات سازگار ہوئے تو حضرت جعفرؓ کوحبشہ سے مدینہ کی طرف ہجرت کرنے کی سعادت بھی نصیب ہوئی۔ فتح خیبر کے موقع پر مہاجرین حبشہ کا قافلہ حضرت جعفرؓ کے ساتھ واپس آیا۔ اس وقت حضور ؐ خیبر میں تھے۔ حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں کہ حضرت جعفرؓ کی آمد پر آپؐ نے خود آگے بڑھ کر ان کا استقبال کیا۔ انہیں گلے لگایا،وفور محبت سے ان کی پیشانی چوم لی اور فرمایا کہ ’’آج میں اتنا خوش ہوں کہ نہیں کہہ سکتا کہ فتح خیبر کی خوشی زیادہ ہے یا جعفرؓ کی ملاقات کی خوشی بڑھ کر ہے۔‘‘ (4)
مدینہ آنے پر رسول اللہﷺ نے حضرت معاذ ؓبن جبل انصاری سے حضرت جعفرؓ کی مواخات قائم فرمائی ۔ جہاندیدہ اورگرم و سرد چشیدہ حضرت جعفرؓ رسول اللہ ﷺ کے مشیروں اور وزیروں میں شامل ہو گئے۔ حضرت علیؓکی روایت ہے کہ رسول کریمؐ نے فرمایا’’ اللہ تعالیٰ ہر نبی کو کچھ معزز ساتھی عطا فرماتا ہے مجھے چودہ ایسے ساتھی عطا ہوئے ان میں آپؐنے حضرت جعفرؓ کا نام بھی لیا کہ وہ بھی میرے معزز وزراء میں شامل ہیں۔ ‘‘ (5)
غزوہ مُوتہ میں شرکت
الٰہی تقدیر میں حضرت جعفرؓ کیلئے اس سے بھی بڑا مقام یعنی شہادت کا بلندمرتبہ مقدر تھا۔انہیں حبشہ سے واپسی کو ابھی ایک سال بھی گزرنے نہ پایا تھا کہ رومی سرحدوں پرشورش ہوئی۔ غسانی ریاست کے سردار شرجیل بن عمرو نے مسلمان سفیر کو قتل کروا دیاجو شاہ بصرٰی کی طرف رسول اللہﷺ کا مکتوب گرامی لے کر جارہے تھے یہ مسلمانوں کے ساتھ کھلا اعلان جنگ تھا۔
نبی کریمﷺ نے اس کے لئے اسلامی لشکر کو تیاری کا حکم دیا۔ تین ہزار سپاہ کا لشکر تیار ہوا۔اب اس کے امیر کے تقرر کا سوال تھا۔ اس لشکر میں بزرگ صحابی حضرت عبداللہؓبن رواحہ انصاری، مشہور جنگی کمانڈر حضرت خالدؓ بن ولیدکے علاوہ رسول اللہ ﷺکے عم زاد اور مشیر خاص حضرت جعفرؓ بن ابی طالب بھی شامل تھے جو شاہ حبشہ کے دربار میں بھی اسلامی وفد کی شاندار قیادت کر چکے تھے اور خاندانی وجاہت بھی رکھتے تھے۔ مگر رسول کریم ﷺ جہاں ان کی اعلیٰ روحانی قدروں کو مزید صیقل فر مانا چاہتے تھے وہاں خواص و عوام کو شرف انسانی کا عملی سبق دینے اور کئی حکمتوں کے پیش نظر آپؐ نے اپنے آزاد کردہ غلام حضرت زیدؓ کو اس لشکر کا سالار اول مقرر کیا۔ حضرت جعفرؓ کو نائب مقرر کرتے ہوئے فرمایا’’زیدؓبن حارثہ کی شہادت کی صورت میں حضرت جعفرؓ قائد لشکر ہوں گے اور ان کے بعد عبداللہؓ بن رواحہ علمِ امارت سنبھالیں گے۔‘‘
حضرت جعفرؓ نے کمال اطاعت کا نمونہ دکھاتے ہوئے اس فیصلہ پر سر تسلیم خم تو کرنا ہی تھا۔ صرف اتنا عرض کیا کہ ’’اے اللہ کے نبی میرے ماں باپ آپؐ پر قربان ہوں مجھے اپنے اوپر زیدؓ کے امیر بنائے جانے کا ہر گز خیال نہ تھا۔‘‘ رسولؐ اللہ نے فرمایا ’’خدا کے نا م کے ساتھ روانہ ہو جائو تمہیں کیا معلوم کہ بہتر کیا ہے؟۔‘‘ (6)
لشکر روانہ ہوا۔ موتہ کے مقام پر ایک لاکھ رومی فوج سے سخت مقابلہ ہوا، جس میں تینوں اسلامی سالار یکے بعد دیگر شہید ہوئے ۔ بالآخر حضرت خالدبن ولیدؓنے قیادت سنبھالی ۔ عین اس روز اللہ تعالیٰ نے رسول کریم ﷺکو اس لشکر کے سارے احوال کی اطلاع فرمادی۔(7)
داد شجاعت اورشہادت
رسول کریمﷺنے اہل مدینہ کو اکٹھا کرنے کیلئے منادی کروائی۔ پھر آپ منبر پر چڑھے اور خطبہ ارشاد فرمایا۔آپؐنے اس کشف کاذکر کرتے ہوئے جس میں آپ کو غزوہ موتہ کا نظارہ کرایا گیا تھا، ارشاد فرمایا’’ ایک بہت تکلیف دہ خبر آئی ہے۔ کیا میں تمہیں اس غزوہ پر جانے والے تمہارے لشکر کے بارہ میں خبر دوں؟ان مجاہدین نے میدان جنگ میں دشمن سے خوب مقابلہ کیا ۔ سب سے پہلے امیر لشکر حضرت زیدؓ شہید ہوگئے۔ آپ سب ان کی بخشش کی دعا کرو۔‘‘ اس پر صحابہ نے ان کی بخشش کی دعا کی۔ آپؐ نے فرمایا۔’’ پھر علم لشکر حضرت جعفر ؓ بن ابی طالب نے سنبھالا اور دشمن پر ٹوٹ پڑے اور بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ میں ان کی عظیم الشان شہادت کا گواہ ہوں۔ پس ان کی بھی بخشش کی دعا کرو۔‘‘تمام اصحاب رسولﷺنے حضرت جعفرؓکی بخشش کی بھی دعا کی۔رسول کریمﷺ نے ان امراء لشکر کے نیک انجام کی خبر دیتے ہوئے فرمایا کہ’’ مجھے جعفرؓ،زیدؓ اورعبداللہؓ کے بارہ میں یہ نظارہ بھی دکھایا گیا کہ وہ ایک موتی کے خیمہ میں ہیں ۔ان میں سے ہر ایک الگ پلنگ پر ہے۔‘‘ (8)
غزوہ موتہ میں اسلامی لشکر اور امرائے لشکر کی شہادتوں سے جو حالات ظاہر ہوئے اس سے ہمارے آقاومولا کے فیصلہ کی حکمت بھی کھل جاتی ہے۔ اس جنگ میںپہلی مرتبہ آپ نے بالترتیب تین امراء کا تقرر فرمایا۔ بعد میں غزوہ موتہ سے واپس لوٹنے والے مجاہدین کی بیان کردہ تفاصیل سے بھی رسول اللہ ﷺکی ان پیشگی بیان فرمودہ خبروں کی تائید وتصدیق ہوئی۔ چنانچہ قبیلہ بنی مرہ بن عوف کے ایک شخص عباد کے والد عبداللہ غزوہ موتہ میں شامل تھے۔ وہ حضرت جعفرؓ کے لمحات شہادت کا آنکھوں دیکھا حال یوں بیان کرتے ہیں ’’خدا کی قسم حضرت جعفرؓ کی بہادری کا وہ نظارہ اب بھی میری نظروں کے سامنے ہے جب وہ گہری سرخ رنگ کی گھوڑی سے چھلانگ لگا کر نیچے اترے اور تلوار کے ایک ہی وار سے اس کا کام تمام کرکے دشمن کی صفوں میںگھس گئے اور پھر واپس نہیں آئے یہاں تک کہ شہید ہوگئے۔‘‘جعفرؓ پہلے شخص تھے جنہوں نے اللہ کی راہ میں اپنے گھوڑے کی ٹانگیں اس عزم سے کاٹ دیں کہ اب خود بھی لڑکر جان قربان کرنی ہے ۔اس وقت ان کی زبان پر یہ اشعار تھے ۔ ’’اے جنت پاکیزہ! تجھے اور تیرے اتنے قریب آجانے کو خوش آمدید۔ رومیوں کا عذاب قریب آچکا ہے۔ جو کافر ہیں اورہم سے دور کا رشتہ رکھتے ہیں۔ اب میرا یہی کام ہے کہ ان سے تلوار زنی کرکے مقابلہ کروں۔‘‘رسول کریمﷺ نے حضرت جعفرؓ کی بیوی حضرت اسمائؓ سے فرمایا کہ’’ جعفرؓ ابھی جبرائیل،میکائیل اوراسرافیل کے ساتھ میرے سامنے سے گزرے ہیں۔ انہوںنے نے مجھے سلام کے بعد بتایا کہ فلاں دن میرا مشرکوں سے مقابلہ ہوا تھا اور مجھے تہتر کے قریب زخم جسم کے اگلے حصے میں تیر ،تلوار اور نیزے کے آئے۔جھنڈا میرے دائیں ہاتھ میں تھا وہ کٹ گیا تو میں نے بائیں ہاتھ میں جھنڈا لے لیا وہ بھی کٹ گیا ۔اس کے عوض اللہ نے مجھے دو پر عطا کئے ہیں جن سے میں فرشتوں کے ساتھ محو پرواز ہوں۔(9)
حضرت عبداللہ بن عمرؓ (جو اس غزوہ میںشریک تھے )کی روایت سے بھی پتہ چلتا ہے کہ حضرت جعفرؓ نے کس بے جگری سے داد شجاعت دیتے ہوئے عظیم الشان شہادت پائی انکا بیان ہے ’’جنگ کے بعد میدان موتہ میں ہم نے اپنے امیر حضرت جعفرؓ کی نعش تلاش کی تو دیگر شہداء میں ان کو اس حال میں پایا کہ ان کے جسم میں تلواروں اور نیزوں کے ستر سے بھی زائد زخم تھے اور ان میںسے کوئی ایک زخم بھی پشت پر نہ تھا‘‘ مسلمانوں کے اس بہادر جرنیل نے ہروار اپنے سینہ پر لیا تھا۔(10)
یوں اپنی سپاہ کی طرف سے حق امارت ادا کردکھایا تھا۔ اس طرح رسول اللہﷺ کی وہ بات بھی پوری ہوگئی جو آپ نے انہیں امیر مقرر کرتے ہوئے فرمائی تھی کہ کیا معلوم کس کی امارت کب اورکہاں مناسب ہے؟
شہید کے خاندان سے حسن سلوک
نبی کریم ﷺکے حضرت جعفرؓ سے تعلق محبت اور ان کے جذبہ فدائیت کی قدردانی کا اندازہ ان واقعات سے بخوبی ہوتا ہے جو ان کے اہل و عیال کے ساتھ حضورؐ کی شفقتوں کی صورت میں ظاہر ہوئے۔ آپ بنفس نفیس حضرت جعفرؓ کے گھر ان کی شہادت کی خبر دینے تشریف لے گئے۔
حضرت جعفرؓ کی بیوہ اسمائؓ بنت عمیس کا بیان ہے ’’ جب حضرت جعفرؓ اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کی خبر آئی تو رسول کریم ؐ ہمارے گھر تشریف لائے۔ میں گھر کے کام کاج آٹا وغیرہ گوندھنے کے بعد بچوں کو نہلا دھلا کر فارغ ہوئی ہی تھی۔ رسول اللہ ﷺنے فرمایا کہ جعفرؓ کے بچوں کو میرے پاس لائو۔ میں انہیںحضورؐ کے پاس لے آئی ۔ آپؐ نے ان کو گلے لگایا اور پیار کیاآپؐ کی آنکھوں میں آنسو اُمڈ آئے۔ اسمائؓ کہتی ہیںمیں نے گھبرا کر عرض کیا یا رسول اللہﷺ میرے ماں باپ آپؐ پر قربان۔ آپؐ کس وجہ سے روتے ہیں؟ کیا جعفرؓ اور ان کے ساتھیوں کے بارہ میں کوئی خبر آئی ہے؟ آپؐ نے فرمایا ہاں وہ آج شہید ہوگئے۔ اسمائؓ کہتی ہیں میں اس اچانک خبر کو سن کر چیخنے لگی۔ دیگر عورتیںبھی افسوس کے لئے ہمارے گھر اکٹھی ہوگئیں۔ رسول کریمﷺاپنے گھر تشریف لے گئے اور ہدایت فرمائی کہ’’ جعفرؓ کے گھر والوں کا خیال رکھنا اور انہیں کھانا وغیرہ بناکر بھجوانا کیونکہ اس صدمہ کی وجہ سے انہیں مصروفیت ہوگئی ہے۔‘‘حضرت شعبیؓ سے روایت ہے کہ نبی کریمﷺحضرت اسمائؓ کو شہادت جعفرؓ کی اطلاع دے کر ان کے حال پر چھوڑ دیا تاکہ وہ آنسو بہا کر غم غلط کرلیں پھر آپ دوبارہ ان کے ہاں تشریف لائے اور تعزیت فرمائی اوربچوں کیلئے دعا کی۔ (11)
بلاشبہ چالیس سالہ حضرت جعفرؓ کی جوانی کی ناگہانی موت کا صدمہ بہت بھاری تھا اور ہمارے آقا ومولا پر سب سے گراں تھا کہ جعفرؓ انہیں بہت عزیز تھے۔ آپؐ نے کمال صبر و ضبط کا نمونہ دکھاتے ہوئے اپنے اصحاب سے فرمایا’’ جو مقام شہادت ان شہداء کو مل چکا ہے اس کی بناء پر خود ان کو بھی آج ہمارے پاس موجود ہونے سے زیادہ اُس مقام بلند کی خوشی حاصل ہے۔ ‘‘(12)
صبرورضا
حضرت جعفرؓ اور دیگر شہداء کی اچانک شہادتوں پر مدینہ میں رنج و الم کا جو فوری طبعی و جذباتی رد عمل ہوسکتا تھا اسے ممکنہ حد تک ہی روکا جا سکتا تھا۔ چنانچہ حضرت عائشہؓ بیان کرتی ہیں کہ’’ شہدائے غزوئہ موتہ کی اطلاع ملنے پر خودنبی کریم ﷺمجلس میں تشریف فرما ہوئے۔ آپؐکے چہرے سے حزن وملال کے آثار صاف ظاہر تھے۔ ایک شخص نے آکر خاندان جعفرؓ کی خواتین کی آہ و بکا کی شکایت کی۔ ( اب ظاہر ہے زبردستی تو خواتین کو اس سے روکا نہیں جا سکتا تھا وعظ و تلقین ہی کی جا سکتی تھی) آپؐنے اس شخص سے یہی فرمایا کہ ’’واپس جا کر ان عورتوں کو سمجھائو کہ آہ وبکا سے باز رہیں۔‘‘ وہ گیا اور تھوڑی دیر کے بعد پھر واپس لوٹا اور کہنے لگا میں نے انہیں رو کا تو ہے مگروہ بات نہیں مانتیں۔ حضورؐ خود سخت صدمہ کی حالت میں تھے۔ آپؐ نے پھر فرمایا ’’پھر انہیں جا کر سمجھائو۔ ‘‘وہ گیا اور تھوڑی دیر بعد واپس آکر کہنے لگا کہ وہ کسی طرح بھی باز نہیں آتیں۔ آپؐنے بیزاری سے فرمایا ’’تو پھر ان کے منہ میں مٹی ڈالو‘‘ یعنی انہیں ان کے حال پر چھوڑ دو۔ حضرت عائشہؓ فرماتی تھیں میں یہ سارا نظارہ دیکھ کر دل ہی دل میں کہہ رہی تھی کہ یہ بھی عجیب شخص ہے نہ تو عورتوں کو سمجھاسکتا ہے اور نہ ہی نبی کریمؐکو صدمہ کی حالت میں بار بار تکلیف دینے سے ہی رکتا ہے۔ (13)
بہر حال نبی کریمﷺ نے حضرت جعفرؓ کے اہل خانہ کے جذبات کا مناسب خیال رکھا جو آہ وبکا اضطراری حالت میں ان سے ظاہر ہوئی اس پر انہیں کچھ مہلت بھی دی۔ تیسرے روز آپ پھر حضرت جعفرؓ کے گھر تشریف لے گئے اور فرمایا کہ’’ بس اب آج کے بعد میرے بھائی پر مزیدنہیں رونا۔‘‘ پھر ان کے یتیم بچوں کی کفالت کا انتظام وانصرام اپنے ذمہ لیا اور فرمایا کہ میرے بھائی کے بیٹے میرے پاس لائو۔ حضرت جعفرؓ کے بیٹے عبداللہ کا بیان ہے کہ ’’ہمیں حضوؐر کے پاس اس طرح لایا گیا جیسے مرغی کے چوزے پکڑ کر لائے جاتے ہیں۔ آپؐ نے حجام کو بلوایا ہمارے بال وغیرہ کٹوائے اور ہمیں تیار کروایا۔ بڑی محبت وپیار کا سلوک کیا اور فرمایاطیارؓ کا بیٹا محمد تو ہمارے چچا ابو طالب سے خوب مشابہ ہے اور دوسر ا بیٹا اپنے باپ کی طرح شکل اور رنگ ڈھنگ میں مجھ سے مشابہ ہے۔ پھر میرا ہاتھ پکڑا اور گویا خدا تعالیٰ کے سپرد کرتے ہوئے درد دل سے یہ دعا کی۔ ’’اے اللہ جعفرؓ کے اہل و عیال کا خود حافظ و ناصر ہو‘‘ اور میری (عبد اللہ ) تجارت کی برکت کیلئے بھی دعا کی۔
ہماری والدہ اسمائؓ نے آکر ہماری یتیمی کا ذکر کیا تو آپؐنے انہیں تسلی دلاتے ہوئے فرمایا ان بچوں کے فقروفاقہ کا خوف مت کرنا میں نہ صرف اس دنیا میں ان کا ذمہ دار ہوں بلکہ اگلے جہاں میں بھی ان کا دوست اور ولی ہوں گا۔‘‘ (14)
نبی کریم ﷺنے جو اپنے پاکیزہ اخلاق و عادات سے حضرت جعفرؓکی مشابہت کا ذکر فرمایا ہے اس کی ایک عمدہ مثال حضرت جعفرؓکی ہمدردی بنی نوع انسان اور خدمت خلق میں نظر آتی ہے۔ معلوم ہوتا ہے کہ غریب الوطنی اور مسافرت کے آرام و مصائب نے ان کے خلق میں او ر بھی چمک پیدا کردی تھی۔ حضرت جعفرؓ مساکین و غرباء سے بہت محبت کیا کرتے تھے۔ وہ نہ صرف ان کی ضروریات بلکہ ان کے جذبات کا بھی خیال رکھتے ۔ان کی مجالس میں تشریف فرما ہو کر ان کے مسائل سنتے۔ الغرض ان کا یہ خلق ایسا نمایاں تھا کہ نبی کریم ؐ نے ان کی کنیت بیٹوں کی بجائے غرباء کی نسبت سے ’’ابوالمساکین‘‘ رکھ دی یعنی مساکین کا باپ۔ (15)
حضرت ابوہریرہؓ فتح خیبر کے زمانہ میں یمن سے ہجرت کر کے مدینہ آئے۔وہ بھی ان غرباء و مساکین اصحاب صفہ میں شامل تھے جو دین کی تعلیم تربیت کی غرض سے مسجد نبویؐسے گویاچمٹے رہتے تھے۔ حضرت جعفرؓ کو ان مسکینوں کا کتنا خیال ہوتا تھا اس کا انداز ہ حضرت ابوہریرہؓ کی بپتا سے بآسانی کیا جا سکتا ہے۔ وہ بیان کرتے ہیں ’’ان دنوں میں بھوکا پیاسا در رسولﷺ سے چمٹا رہتا تھا اور بھوک اور فاقہ کی شدت سے نڈھال ہو تا۔بسا اوقات خالی پیٹ ہونے کے باعث کنکریوں کے اوپر اوندھے منہ لیٹ کر اس تکلیف کو کم کرنے کی کوشش کرتا تھا گاہے کسی صحابی رسولؐ سے کسی خاص آیت کے بارہ میں استفسار کرتا (جو غرباء کو کھانا وغیرہ کھلانے کے مضمون پر مشتمل ہوتی) حالانکہ وہ آیت مجھے یاد ہوتی تھی۔ مگر میری غرض احسن رنگ میں توجہ دلانا ہوتی تھی کہ شاید اس طرح وہ مجھے کھانا کھلا دیں۔ میں نے اس زمانہ میں دیکھا کہ مسکینوں کے حق میں سب لوگوں سے بہتر اگر کوئی شخص تھا تو وہ حضرت جعفرؓ تھے۔ وہ ہمیں اپنے گھر لے جاتے۔ گھر میں جو موجود ہوتا ہمیں کھلاتے تھے۔بعض اوقات تو وہ چمڑے کا مشکیزہ نما برتن جس میں شہد یا گھی ہوتا تھا اٹھا کر لے آتے اور ہم بھوک کے مارے اسے چیر پھاڑ کر اندر جو کچھ ہوتا وہ بھی چاٹ لیتے تھے۔‘‘ (16)
غالباً یہی وجہ تھی کہ ابو ھریرہؓ بر ملا اپنی اس رائے کا اظہار کیا کرتے تھے کہ’’ رسول کریمؐ کے بعد حضرت جعفر طیارؓسے بہتر اور افضل انسان ہم نے کوئی نہیں دیکھا۔‘‘ (17)
شاعر درباد نبویؐحضرت حسانؓ بن ثابت نے حضرت جعفرؓ کی شہادت کے موقع پر کیاخوب مرثیہ کہا:۔
وَکُنَّا نَرْیٰ فِیْ جَعْفَرٍ مِنْ مُحَمَّدٍ
وَفَائً وَاَمرًا صَارَ مَاحَیْثُ یُؤمَرٗ
فَلاَ زَالَ فِی الْاِسلاَمِ مِنْ آلِ ہَاشِمٍ
دَعَائِمُ عِزٍّ لَا یَزُولُ و مُفْخَرٗ
یعنی ہم حضرت جعفر طیارؓ کے نمونے میں وفا کا عظیم الشان نمونہ دیکھتے ہیں کہ جہاں جو فرمان ملا انہوں نے سر تسلیم خم کر دیا اور آل ہاشم تو ہمیشہ ہی عزت کے ستون بن کر قابل فخر اسلامی خدمات بجا لاتے رہے ہیں۔(18)
اللہ تعالیٰ ہمیں ان بزرگ اسلاف کی اعلیٰ صفات و اقدار زندہ رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
حوالہ جات

الاکمال مع مشکوۃ:صفحہ:1589

ترمذی ابواب المناقب

مسند احمد جلد5صفحہ 204

ابن سعدجلد4صفحہ123،استیعاب جلد ص313

مسند احمد جلد1صفحہ148

مسند احمد جلد5صفحہ229

بخاری کتاب المغازی

مسند احمد جلد5صفحہ229،استیعاب جلد1ص 314

ابودائود کتاب الجہاد،استیعاب جلد1ص 314،منتخب کنز العمال برحاشیہ مسند جلد 5ص 155
10۔
بخاری کتاب المغازی
11۔
مسند احمد جلد6 صفحہ372 ،منتخب کنز العمال برحاشیہ مسند جلد 5ص 156
12۔
بخاری کتاب المغازی
13۔
بخاری کتاب المغازی
14۔
مسند احمدجلد1ص204
15۔
اصابہ جز2 ص218
16۔
بخاری کتاب المناقب باب جعفرؓ
17۔
ترمذی ابواب المناقب
18۔
الا صابہ جز2ص 249

حضرت مصعب بن عمیرؓ
حلیہ و خاندان
درمیانہ قد، حسین نقش، گورا رنگ، روشن چہرہ، دراز زلفیں، چہرہ سے ملاحت اور ملائمت عیاں۔ یہ نوجوان رعنا خاندان قریش کے خوبرو چشم و چراغ مصعب بن عمیرؓ ہیں۔ نسب تیسری پشت میں نبی کریمﷺسے جاملتا ہے۔ والدہ حناس بنت مالک مکہ کی مالدار خاتون تھیں۔ انہوں نے مصعبؓ کی پرورش بہت نازونعمت سے کی۔ آپ بہترین پوشاک اور اعلیٰ لباس پہنتے۔ مکہ کی اعلیٰ درجہ کی خوشبو استعمال کرتے اور حضرم کے علاقہ کا بنا ہوا مشہور جوتا منگواکر پہنتے تھے۔(1)
آنحضرتﷺ مصعبؓ بن عمیرکو دیکھ کر فرمایا کرتے تھے کہ میں نے مصعبؓ سے زیادہ حسین و جمیل اور نازونعمت اور آسائش میں پروردہ کوئی شخص نہیں دیکھا۔(2)
اسلام میں سبقت لے جانے کے لحاظ سے آپ کا شمار صاحب فضلیت صحابہؓ میں ہوتا ہے۔ مدینہ میں پہلی بار اسلام کا پیغام پہنچانے اور وہاں دعوت و تبلیغ کے ذریعہ انصار مدینہ کو منظم کرنے کی تاریخی سعادت آپ کے حصہ میں آئی۔ حبشہ و مدینہ دو ہجرتوں کی توفیق پائی۔ بدر و احد میں اسلام کے علم بردار ہونے کا اعزاز پایا۔(3)
قبول اسلام اور آزمائش
آغاز اسلام میں جب آنحضرتﷺدارارقم میں تھے۔ حضرت مصعب بن عمیرؓ نے عین عالم جوانی میں بعمر27سال اسلام قبول کیا۔ مگر ابتدائً اپنی والدہ اور قوم کی مخالفت کے اندیشہ سے اسے مخفی رکھا۔(4) چھپ چھپا کر نبی کریمﷺکی خدمت میں حاضر ہوتے رہے۔ ایک دفعہ عثمان بن طلحہ(کلید بردار کعبہ) نے انہیں نماز پڑھتے دیکھ لیا اور ان کے گھر والوں کوخبر کردی۔ والدین نے ان کو قید کردیا۔ بڑی مشکل سے بھاگ کر قید سے چھٹکارا حاصل کیا اور ہجرت کرکے حبشہ چلے گئے۔ کچھ عرصہ بعد جب بعض مہاجرین حبشہ سے مکے میں بہتر حالات کی افواہیں سن کر واپس آئے تو ان میں مصعب بن عمیرؓ بھی تھے۔ اگرچہ غریب الوطنی، سفر کی صعوبتوں اور مصائب و آلام نے نازو نعم کے پروردہ اس حسین و جمیل شہزادے کی رعنائیاں چھین لی تھیں۔پھر بھی صبر و استقامت کے پیکر مصعبؓ اسلام پر پختگی سے قائم تھے۔ ماں نے لخت جگر کی حالت زار دیکھی تو مامتا تڑپ اٹھی۔ اس نے آئندہ سے مخالفت ترک کردی اور بیٹے کو اس کے حال پر چھوڑ دیا۔(5)
حضرت سعد بن ابی وقاصؓ بیان کرتے ہیں کہ مصعب بن عمیرؓ کو میں نے آسائش کے زمانہ میں بھی دیکھا اور مسلمان ہونے کے بعد بھی، راہ مولیٰ میں آپ نے اتنے سارے دکھ جھیلے کہ میں نے دیکھا آپ کے جسم سے جلد اس طرح اترنے لگی تھی جیسے سانپ کی کینچلی اترتی اور نئی جلد آتی ہے۔(6)
ایک دن ہمارے آقا و مولا حضرت محمد مصطفی ؐ نے دیکھا مصعبؓ بن عمیراس حال زار میں آپ کی مجلس میں آئے کہ پیوند شدہ کپڑوں میں ٹاکیاں بھی چمڑے کی لگی ہیں۔ صحابہؓ نے دیکھا تو سر جھکا لئے کہ وہ بھی مصعبؓ کی کوئی مدد کرنے سے معذور تھے۔ مصعبؓ نے آکر سلام کیا۔ آنحضرتؐنے دلی محبت سے وعلیکم السلام کہا اور اس امیر کبیر نوجوان کی آسائش کا زمانہ یاد کرکے آپؐ کی آنکھوں میں آنسو بھر آئے۔ پھر مصعبؓ کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے اور نصیحت کرتے ہوئے فرمایا’’الحمدللہ دنیاداروں کو ان کی دنیا نصیب ہو۔ میں نے مصعبؓ کو اس زمانے میں بھی دیکھا ہے جب شہر مکہ میں ان سے بڑھ کر صاحب ثروت و نعمت کوئی نہ تھا۔یہ ماں باپ کی عزیز ترین اولاد تھی اسے کھانے پینے کی ہر اعلیٰ نعمت وافر میسر تھی۔ مگر خدا اور اس کے رسول ؐ کی محبت و نصرت نے اسے آج اس حال تک پہنچایا ہے اور اس نے وہ سب کچھ خدا اور اس کی رضا کی خاطر چھوڑ دیا۔ پھر خدا نے اس کے چہرہ کو نور عطا کیا ہے۔‘‘(7)
پھر حضور ؐ نے صحابہؓ سے فرمایا’’ تمہارا کیا حال ہوگا جب صبح و شام تمہیں نئی پوشاک عطا ہوگی اور تمہارے سامنے ایک کے بعد کھانے کا دوسرا طشت رکھا جائیگا اور گھروں میں پردے لٹکے ہوں گے۔ صحابہؓ نے عرض کیا حضورؐ وہ کیا ہی خوش وقت ہوگا۔ ہم عبادت کے لئے تو فارغ ہوں گے۔ حضورؐ نے فرمایا’’ نہیں تم آج جس حال پر ہو وہ زیادہ بہتر ہے اور زیادہ اجر و ثواب کا موجب ہے۔‘‘ (8)
مدینہ میں کامیاب دعوت الی اللہ
11نبوی کے موسم حج میں رسول خداﷺ کا تعارف دعوت الی اللہ کے دوران مدینہ کے قبائل اوس و خزرج سے ہوا اور عقبہ مقام پر ان میں سے بارہ افراد نے آپ کی بیعت بھی کی جو بیعت اولیٰ کے نام سے مشہور ہے۔ جب یہ لوگ مدینہ واپس جانے لگے تو ان کی تعلیم و تربیت اور مدینہ میں دعوت اسلام کی مہم جاری کرنے کے لئے نبی کریمﷺنے مصعب بن عمیرؓ کو ساتھ بھجوایا۔(9)
ابن سعد کے مطابق اہل مدینہ کے نو مسلموں کے مطالبہ پر دینی تعلیم کے لئے حضرت مصعبؓ کو بعد میں بھجوایا گیا۔ بہرحال حضرت مصعبؓ وہاں پہنچ کر مدینہ کے سردارا سعد بن زرارہؓ کے گھر قیام کیا۔ مدینہ جاتے ہی تعلیم القرآن کا سلسلہ شروع کیا اور مقری یعنی استاد کے نام سے مشہور ہوئے۔آپ نمازوں میں امامت کے فرائض بھی انجام دینے لگے۔(10)
مدینہ میں باقاعدہ نماز جمعہ جاری کرنے کی تاریخی سعادت بھی حضرت مصعبؓ کے حصے میں آئی۔ آپ نے نبی کریمؐ کی خدمت میں لکھا کہ اگر حضورﷺ اجازت عطا فرمائیں تو مدینہ میں نماز جمعہ شروع کردی جائے۔ حضورﷺنے اجازت دیتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ جس روز یہودی اپنے سبت کا اعلان کرتے ہیں۔اس روز سورج کے ڈھلنے کے بعد دو رکعت نماز ادا کرکے خطبہ جمعہ دیا کرو۔حضرت مصعب بن عمیرؓنے مدینہ میں نماز جمعہ کا آغاز کردیا۔
حضرت سعد بن خیثمہؓ کے گھر جو پہلا جمعہ پڑھا گیا۔ اس میں مدینہ کے بارہ افراد شامل ہوئے۔ اسلام کے اس پہلے جمعہ کے موقعہ پر مسلمانوں نے خوشی میں ایک بکری ذبح کی۔ اور یوں جمعہ میں شامل اپنے بھائیوں کی ضیافت کا بھی اہتمام کیا۔(11)
حضرت مصعبؓ نے اسلام کے پہلے مبلغ کے طور پر بھی تبلیغ کا حق خوب ادا کیا۔ آپ نے دعوت الی اللہ کے جذبہ سے سرشار ہو کر کمال محنت، اخلاص اور حکمت و محبت کے ساتھ مدینہ کے اجنبی لوگوں سے رابطہ اور اثرورسوخ پیدا کرکے انہیں اسلام سے روشناس کرایا اور تھوڑے ہی عرصہ میں مدینہ کے ہر گھر میں اسلام کا بیج بودیا۔ ایک کامیاب داعی الی اللہ کے طور پر ان کا کردار یقینا آج بھی ہمارے لئے عمدہ نمونہ ہے۔ آپ نے بالکل اجنبی شہر مدینہ میں تبلیغ کا آغاز اس طرح کیا کہ اپنے میزبان حضرت اسعد بن زرارہؓ کو ساتھ لے کر انصار کے مختلف محلوں میں جانے لگے۔ وہاں وہ مسلمانوں اور ان کے عزیزوں کے ساتھ مجلس کرتے انہیں تعلیم دین دیتے اور وہاں آنے والوں کو اسلام کا پیغام پہنچاتے۔ مگر جب لوگوں میں اسلام کا چرچا ہونے لگا تو ایک محلہ کے سردار سعد بن معاذؓ اور اسید بن حضیرؓ نے ان دونوں داعیان الی اللہ کو اس نئے دین سے باز رکھنے کا فیصلہ کیا۔ جس کے بعد اسید بن حضیرؓ مصعبؓ کی مجلس میں نیزہ تھامے داخل ہوئے۔ اسعد بن زرارہؓ نے یہ دیکھتے ہی مصعبؓ سے سرگوشی کی کہ یہ اپنی قوم کا سردار آتا ہے اسے آج خوب تبلیغ کرنا۔ مصعبؓ بولے کہ اگر یہ چند لمحے بیٹھ کر بات سننے پر آمادہ ہوجائے تو میں ضرور اس سے بات کروں گا۔ ادھراسیدؓ بن حضیرسخت کلامی کرتے ہوئے آگے بڑھے اور کہا کہ جان کی امان چاہتے ہو تو آئندہ سے ہمارے کمزوروں کو آکر بے وقوف بنانے کا یہ طریقہ واردات ختم کرو۔
حضرت مصعبؓ نے نہایت محبت سے کہا کیا آپ ذرا بیٹھ کر ہماری بات سنیں گے؟ اگر تو آپ کو بات بھلی لگے تو مان لیجئے اور بری لگے تو بے شک اس سے گریز کریں۔ اُسیدمنصف مزاج آدمی تھے،بولے بات تو تمہاری درست ہے۔ اور پھر نیزہ وہیں گاڑ کر بیٹھ گئے۔حضرت مصعبؓ نے انہیں قرآن پڑھ کر سنایا اوران تک پیغام حق پہنچایا۔ قران کی سچی تعلیم سن کر اُسید بے اختیار کہہ اٹھے کہ یہ کیسا خوبصورت کلام ہے! اچھا یہ بتائو اس دین میں داخل ہونے کے لئے کیا کرنا پڑتا ہے؟ اسعدؓ اور مصعبؓ نے انہیں بتایا کہ نہادھو کر اورصاف لباس پہن کر حق کی گواہی دو پھر نماز پڑھو۔ انہوں نے ایسا ہی کیا۔ پھر اُسید خود ہی کہنے لگے کہ میرا ایک اور بھی ساتھی ہے۔ یعنی سعد بن معاذ، اگر وہ مسلمان ہوجائے تو اس کی ساری قوم سے ایک شخص بھی قبول اسلام سے پیچھے نہیں رہے گا۔ اور میں ابھی اسے تمہارے پاس بھیجتا ہوں۔ اور انہوں نے سعد کو نہایت حکمت کے ساتھ مصعبؓ کے پاس بھیجا۔ حضرت مصعبؓ بن عمیر نے ان کو بھی نہایت محبت اور شیریںگفتگو سے رام کر لیا۔ انہیں قرآن سناکر اسلام کا پیغام پہنچایا۔ چنانچہ حضرت سعدؓ نے بھی اسلام قبول کرلیا۔ بلاشبہ یہ دن مدینہ میں اسلام کی فتح کے بنیاد رکھنے والا دن تھا۔ جس روز ایسے عظیم الشان بااثر سرداروں نے اسلام قبول کیا جنہوں نے اپنی قوم کو یہ کہہ دیا میرا کلام کرنا تم سے حرام ہے جب تک مسلمان نہ ہوجائو۔ اس طرح عبدالاشہل کا سارا قبیلہ مسلمان ہوگیا۔(12) اور یوں مدینہ کے گھرانوں میں اسلام تیزی سے پھیلنے لگا۔
حضرت مصعبؓ نے ایک سال تک مدینہ میں اشاعت اسلام کے لئے خوب سرگرمی سے کام کیا اور دعوت الی اللہ کے شیریں پھل آپ کو عطا ہوئے چنانچہ اگلے سال سن ۱۲نبوی میں حج کے موقع پر آپ مدینہ سے ۷۵انصار کا وفد لے کر مکہ روانہ ہوئے۔حضرت اسعدؓ بن زرارہ بھی ساتھ تھے۔اس وفد کی رسول اللہﷺسے ملاقات کا انتظام بھی عقبہ مقام پر کیا گیا۔جہاں اس وفد نے آپؐ کی بیعت کی جو بیعت عقبہ ثانیہ کے نام سے مشہور ہے۔
محبت رسولﷺاور استقامت
اس سفر میں حضرت مصعب ؓکی محبت رسولؐکا ایک عجب نمونہ دیکھنے میں آیا۔ آپؓ مکہ پہنچتے ہی اپنی والدہ کے گھر(جو مخالفت چھوڑ چکی تھیں)جانے کی بجائے سیدھے نبی کریمﷺکے پاس پہنچے۔حضورﷺکی خدمت میں وہاں کے حالات عرض کئے اور مدینہ میں سرعت کے ساتھ اسلام پھیلنے کی تفصیلی مساعی کی رپورٹ دی۔حضورؐان کی خوشکن مساعی کی تفاصیل سن کر بہت خوش ہوئے۔
ادھر مصعبؓ کی والدہ کو پتہ چلا کہ مصعبؓ مکہ آئے ہیںاور پہلے انہیں آکر ملنے کے بجائے رسول اللہﷺکے پاس چلے گئے ہیں تو انہوں نے بیٹے کو پیغام بھیجا کہ او بے وفا!تو میرے شہر میں آکر پہلے مجھے نہیں ملا۔عاشق رسولﷺحضرت مصعبؓ کا جواب بھی کیسا خوبصورت تھا کہ اے میری ماں!میں مکہ میں نبی کریمﷺسے پہلے کسی کو ملنا گوارا نہیں کر سکتا۔(13)
حضورﷺسے ملاقات کے بعد والدہ کے پاس حاضر ہوئے۔ انہوں نے پھرمصعبؓکو صابی مذہب کا طعنہ دے کر راہ راست سے ہٹانے کی کوشش کی۔ حضرت مصعب ؓنے سمجھایاکہ میں خدا اوررسول کے دین پر ہوں جسے خدا نے اپنے اور اپنے رسول کیلئے پسند کیا ہے ۔والدہ نے محبت وپیار کے واسطے دیکر کہا کہ’’ تمھیں کیا معلوم کہ میں نے تمہاری جدائی میں کتنے دکھ اٹھائے۔ جب تم حبشہ گئے تو ایک دفعہ اس وقت میں نے تمہاری خاطر بین کئے اور دوسری مرتبہ تمہارے یثرب جانے پر ماتم کیا مگر تم ذراا حسان شناسی سے کام نہیں لیتے۔‘‘مصعبؓ نے کہا کہ ’’ماں!میں اپنے دین کو تو کسی حالت میں نہیں چھوڑ سکتا۔جتنا مرضی مجھے آزما لو۔‘‘والدہ نے قیدوبند کی دھمکی دی تو اب کے مصعبؓ نے بھی ذرا سختی سے جواب دیا کہ ’’وہ کسی دھمکی میں نہیں آئیں گے‘‘ مجبور ہو کر والدہ رونے لگیں اور کہا جائو بچے تمہاری مرضی!مصعبؓ کا دل بھی پسیج گیا انہوں نے بہت پیار سے سمجھایا کہ’’ اے میری ماں!میں آپ کا سچا ہمدرد ہوں اور مجھے آپ سے بے حد محبت ہے۔میری دلی خواہش اور تمنا ہے کہ آپ اسلام قبول کر لیں میری یہ آرزو پوری کر دیں اور خدا کے ایک ہونے اور محمد رسول اللہﷺ کو اس کا رسول ہونے کی گواہی دے دیں۔‘‘
مصعبؓ کی ماں نے کہا’’ ستاروں کی قسم میں تمہارے دین میں ہر گز داخل نہ ہونگی۔ کیا آبائو اجداد کا دین چھوڑدوں؟اور سب لوگ مجھے پاگل کہیں؟پس جائو تمہیں تمہارے حال پر چھوڑا اور میں اپنے دین پر قائم ہوں۔‘‘(14)آہ!مصعبؓ کے لئے کتنی کڑی تھی یہ آزمائش مگر انہوں نے بھی خوب استقامت دکھائی آخر چند ماہ حضورﷺ کی صحبت میں گزارنے کے بعد حضرت مصعبؓ12ربیع الاول کو مدینہ واپس لوٹے۔مدینہ پہنچ کر آپ پھر اپنی دینی اور تبلیغی سرگرمیو ں میں ہمہ تن مصروف ہو گئے۔آپ ہی ہیں جنہوں نے مدینہ کو دارالہجرت کے طور پر رسولؐ خدا کے لئے تیار کیا۔ یہاں تک کہ اگلے سال نبی کریمؐ ہجرت کر کے مدینہ منورہ تشریف لائے۔ تو مصعبؓکی دلی تمنائیں پوری ہوئیں۔
بہادری اور شجاعت
دشمنان اسلام نے مدینہ میں بھی مسلمانوں کوچین کا سانس نہ لینے دیا اور جلد ہی بدر کا معرکہ پیش آیا۔اس موقع پر نبی کریمﷺنے حضرت مصعب بن عمیرؓکو یہ شاندار اور اعلی اعزاز بخشاکہ مہاجرین کا بڑا جھنڈا انہیں کو عطا فرمایا۔(15)
غزوہ احد میں بھی نہ صرف صاحب لوائ(علمبردار اسلام)ہونیکی سعادت ان کے حصے میں آئی بلکہ نہایت دلیری اور بہادری سے جان کی بازی لگا کر انہوں نے اسلامی جھنڈے اورنبی کریمﷺ کی حفاظت کی شاندار مثال قائم کر دکھائی جو تاریخ اسلام میں ہمیشہ سنہری حروف میں لکھی جاتی رہے گی۔ جب احد میں کفار مکہ کے دوبارہ غیر متوقع حملہ کے دوران مسلمانوں کو پسپا ہونا پڑاتو اسلامی علمبردار مصعب بن عمیرؓدشمن کے تا بڑتوڑحملوں کے مقابل پر میدان جنگ میں اسلامی علم تھامے ہوئے ڈٹ گئے۔ابن اسحاق کے بیان کے مطابق وہ، رسول اللہﷺ کی حفاظت کرتے ہوئے آپؐ کے آگے پیچھے لڑ رہے تھے کہ عبداللہؓ بن قمیہ کے ہاتھوں شہید ہوئے۔ابن قمیہ کے حملہ سے آنحضورﷺبھی گر گئے تو وہ سمجھا کہ آنحضرتﷺکو شہید کر دیا گیاہے اور اس کا اعلان کر کے اس نے یہ خبر میدان احد میں مشہور کر دی۔(16)
علم اسلام کی حفاظت
ابن سعد نے مصعبؓکی شہادت کی مزید تفصیل اس طرح دی ہے کہ عبداللہ بن قمیہ نے جو گھوڑے پر سوار تھا حملہ آور ہو کر آپ کے بازو پر (جس سے آپ نے جھنڈا تھام رکھاتھا)ایساوار کیا کہ اسے کاٹ کر رکھ دیا۔مصعبؓ نے بازو کی پرواہ نہ کرتے ہوئے جھنڈا بائیں ہاتھ سے تھام لیا۔ابن قمیئہ نے بائیں ہاتھ پر وار کر کے اسے بھی کاٹ ڈالا تو اس شیر خدا نے دونوں ٹنڈے بازوئوں سے اسلامی پرچم کو اپنے سینے سے لگا لیا۔اور اسے سر نگوں نہیں ہونے دیااور بآوازِبلند اس آیت کی تلاوت کرنے لگے
وَمَا مُحَمَّدٌاِلَّا رَسُوْلٌ قَدْ خَلَتْ مِنْ قَبْلِہِ الرُّسُلُ ط اَفَائِنْ مَّاتَ اَوْ قُتِلَ اْنْقَلَبْتُمْ عَلٰٓی اَعْقَابِکُمْ وَمَنْ یَّنقَلِبْ عَلٰی عَقَبَیْہِ فَلَنْ یَّضُرَّ اللّٰہَ شَیْئًا ط
(آل عمران145)
(ترجمہ)محمدؐ ایک رسول ہیں اور آپ سے پہلے سب رسول فوت ہو گئے ہیں۔ اگر آپ فوت ہو جائیں یا قتل ہو جائیں تو کیا تم ایڑیوں کے بل پھر جائو گے اور جو تم میں سے اپنی ایڑیوں کے بل پھر جائے وہ اللہ کو کوئی نقصان نہیں پہنچاسکتا۔
آنحضرت ﷺکی شہادت کی خبرمشہور ہو جانے کے بعد جب مسلمان سراسیمگی کے عالم میں تھے اور مارے غم کے انہیں کچھ سجھائی نہیں دیتا تھا ۔ بعض گھبرا کر اور بد دل ہو کر پیچھے بھی ہٹے۔ اس وقت مصعب ؓکا یہ آیت پڑھتے ہوئے جان قربان کر دینا آپ کی کمال بہادری اور شجاعت ظاہر کرتا ہے۔ دوسرے لفظوں میں آپ اپنے آخری سانسوں میں بھی انس بن نضرؓجیسے صحابہ کی طرح مسلمانوں کو یہ پیغام دے رہے تھے کہ اگر نبی کریم ؐ شہید بھی ہو گئے ہیںتو محض گھبرانے یا پیچھے ہٹنے سے کیا حاصل؟آگے بڑھو اور اسی راہ میں اپنی جانیں نچھاور کر دو جس راہ میں ہمارا آقا اپنی جان قربان کر گیا۔خود مصعبؓ نے اپنی جان کی قربانی پیش کر کے اس پیغام کو عملاًبھی سچا کر دکھایا۔
مصعبؓ کے دونوں ہاتھ قلم دیکھ کر اورانہیں مقابلہ سے عاجز پا کر عبداللہ بن قمیہ گھوڑے سے اتر آیا۔ تیسری مرتبہ اپنے نیزہ کے ساتھ آپؓ پر پوری قوت سے حملہ آور ہوا۔نیزہ آپؓ کے بدن کے پار ہو کر ٹوٹ گیا ساتھ ہی مصعبؓ بھی گر پڑے اسلامی جھنڈا گرنے کو تھا کہ لپک کر آپ کے بھائی ابوالروم بن عمیرؓ اور سویبط بن سعدؓ نے پکڑ لیا اور یوں حضرت مصعبؓنے میدان احد میں آخری دم تک اسلامی جھنڈا کی حفاظت کرتے ہوئے جان دے دی۔(17)
ابن اسحاق میں یہ روایت بھی ہے کہ حضرت مصعب بن عمیرؓکی شہادت پر نبی کریم ﷺ نے جھنڈا حضرت علیؓکو دیا۔بوقت شہادت حضرت مصعبؓکی عمر چالیسسال تھی۔(18)
وفاء عہد
اسلامی جھنڈے کا حق ادا کرنیوالا اور اپنے مسلمان ساتھیوں کو استقامت اور ثبات قدم کی آخری وصیت کر نیوالا یہ مجاہد اپنی شہادت کے وقت بھی پشت کے بل نہیں بلکہ چہرہ کے بل گرا۔اور رسول ؐاللہ جب ان کی نعش کے پاس پہنچے تو وہ چہرہ کے بل پڑے تھے۔گویا دم واپسیں بھی اپنے مولیٰ کی رضاء پر راضی اور سجدہ ریز۔حضوؐر نے ان کی نعش کے پاس کھڑے ہو کر یہ آیت تلاوت فرمائی:۔

(الاحزاب24)
ان مومنوں سے کچھ ایسے ہیں جنہوں نے اپنی نیت کو پورا کر دیا(یعنی لڑتے لڑتے مارے گئے)اور ان میں سے بعض ایسے بھی ہیں جو ابھی انتظار کر رہے ہیں اور اپنے ارادہ میں کوئی تزلزل انہوں نے نہیںآنے دیا۔
اس کے بعدنبی کریمﷺنے اپنے اس عاشق صادق کو مخاطب کر کے فرمایا’’اے مصعبؓ!خدا کا رسول تم پر گواہ ہے (کہ واقعی تم اس آیت کے مصداق اور ان مردان وفا میں سے ہو جنہوں نے اپنے وعدے پورے کر دکھائے)اور روز قیامت تم دوسروں پر گواہ بنائے جائو گے‘‘۔پھر آپؐ نے اپنے علمبردار حضرت مصعبؓ کو اس آخری ملاقات میں ایک اور اعزاز بھی بخشا۔ صحابہؓکو مخاطب کر کے فرمایاکہ:۔
’’اے میرے صحابہؓ ! مصعبؓکی نعش کے پاس آکر اس کی زیارت کر لو اور اس پر سلام بھیجو۔اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے روز قیامت تک جو بھی ان پر سلام کرے گا یہ اس کے سلام کا جواب دیں گے‘‘۔(19)
اے مصعب بن عمیرؓ!تجھ پر سلام اے مبلغ اسلام اور اسلامی جھنڈے کے وفا شعار محافظ تجھ پر ہزاروں سلام۔
شہید احد،ماںباپ کے نازو نعم کے پالے مصعبؓ کا اس عالم بے ثبات سے رخصتی کا منظر بھی دیدنی تھا۔ مکہ میں بہترین لباس زیب تن کرنیوالے مصعبؓ کو آخری دم پورا کفن بھی میسر نہیں آیا۔
فتوحات کے بعد جب مسلمانوں کو مالی کشائش اور فراخی عطا ہوئی صحابہؓ رسولؐ مصعبؓکی قربانیوں اور اپنی اس بے چارگی کا عالم یاد کر کے اکثر رو پڑتے تھے کہ ہم اپنے بھائی مصعبؓکو پورا کفن بھی مہیا نہ کر سکے تھے۔چنانچہ حضرت خبابؓ کہا کرتے تھے کہ ہم نے نبی کریمؐ کے ساتھ محض رضائے الہٰی کی خاطر ہجرت کی اور ہمارا اجر اللہ کے ذمہ ہو گیا۔مگر ہم میں سے بعض فوت ہو گئے اور انہوں نے اس اجر سے دنیا میں کوئی حصہ نہیں پایا ۔ان میں ایک مصعب بن عمیرؓ بھی تھے جو احد کے دن شہید ہوئے اور ہمیں ان کے کفن کے لئے سوائے ایک چادر کے کچھ میسر نہ آیا۔اورچادر بھی اتنی مختصر کہ اس سے مصعبؓ کا سر ڈھانکتے تو پائوں نظر آنے لگتے اور پائوں ڈھانکتے تو چہرہ ننگا رہتا۔چنانچہ نبی کریمؐ نے فرمایا کہ سر ڈھانک دو اور پائوں پر اذخر گھاس ڈال کر انہیں دفن کیا۔(20)
حضرت عبدالرحمٰن بن عوفؓکے سامنے ایک دفعہ جب روزہ کی افطاری کے وقت اعلیٰ قسم کا کھانا پیش کیا گیا۔(شاید انہیں مسلمانوں کی کم مائیگی کا وہی وقت یاد آگیا)۔تو کہنے لگے مصعب بن عمیرؓشہید ہوئے وہ مجھ سے بدرجہا بہتر تھے۔مگرانکے کفن کیلئے صرف ایک چادر میسر آئی۔مگر ہمارے لئے دنیا اتنی فراخ کر دی گئی کہ ڈر لگتا ہے کہیں ہماری نیکیوں کے بدلے اسی دنیا میں ہی نہ دے دیئے جائیں۔پھر آپؓ رونے لگ پڑے اور کھانا نہیں کھایا۔(21)
جب میں ان پوشاکوں اور خلعتوں کا سوچتا ہوں جو اس شہید احد کو رب العزت کے دربار میں عطا ہوئی ہونگی تو بے اختیار دل سے پھر یہ صدابلند ہوتی ہے کہ آفرین صد آفرین۔ اے اسلام کے عظیم الشان بطل جلیل مصعبؓ بن عمیر تجھ پر آفرین! کہ تو نے خصوصاًنوجوانوں کے لئے اپنے خوبصورت نمونے سے، ماں باپ کی قربانی، مال و دولت کی قربانی، سادگی، وفا ایثار اور کامیاب دعوت الی اللہ کے شاندار سبق رقم کرکے دکھا دیئے۔
بنا کر دند خوش رسمے بخاک و خون غلطیدن
خدا رحمت کند ایں عاشقان پاک طینت را
حوالہ جات
1-
اسد الغابہ جلد4 صفحہ368
2-
ابن سعد جلد3صفحہ116
3-
اسد الغابہ جلد4 صفحہ368
4-
الاصابہ جز6صفحہ101
5-
ابن سعد جلد3صفحہ116
6-
اسدالغابہ جلد4صفحہ370
7-
ابن سعد جلد3صفحہ117و منتخب کنز العمال برحاشیہ مسند جلد5ص 267
8-
اصابہ جلد3صفحہ315
9-
ا بن ہشام جلد2 صفحہ186-187 مع الروض الانف
10-
ابن سعد جلد 3 صفحہ118،ابن ہشام جلد1صفحہ185،اسد الغابہ جلد4 صفحہ370
11-
ابن سعدجلد3صفحہ118
12-
ابن ہشام جلد3صفحہ153
13-
ابن سعد جلد3صفحہ120
14-
ابن سعد جلد3صفحہ120
15-
ابن سعد جلد3صفحہ120
16-
ابن ہشام جلد3صفحہ 153
17-
ابن سعد جلد3صفحہ120
18-
ابن ہشام مع الروض الانف جلد3 صفحہ153،اکمال فی اسماء الرجال ذکر مصعب بن عمیرؓ
19-
اسد الغابہ جلد4 صفحہ370
20-
بخاری کتاب الجنائزو کتاب المغازی
21-
بخاری کتاب الجنائز

حضرت ابو سلمہ بن عبد الاسد ؓ
نام ونسب
آپ کا تعلق قبیلہ بنی مخزوم سے تھااصل نام عبد اللہ بن عبدالاسداورکنیت ابو سلمہ تھی۔ والدہ برّہ بنت عبد المطلب آنحضرت ﷺ کی پھوپھی تھیں ۔اس لحاظ سے حضرت ابو سلمہؓ آنحضرت ﷺکے پھوپھی زاد تھے ۔آنحضرت ﷺ ، حضرت حمزہ ؓ اور ابوسلمہؓ نے ابو لہب کی لونڈی ثویبہ کا دودھ پیا تھا اسلئے ابو سلمہؓ حضورﷺکے رضاعی بھائی بھی تھے اورقریباًہم عمرتھے ۔
آپ کی بیوی ھند بنت ابی امیہ قبیلہ بنی مخزوم میں سے تھیں اور ام سلمہؓ کے نام سے معروف تھیں جو احد میں حضرت ابو سلمہ ؓ کی شہادت کے بعد آنحضرتﷺکے عقد میں آئیں اور اُم المومنین کا مرتبہ پایا ۔ (1)
قبول اسلام اور صبرواستقامت
حضرت ابو سلمہ ؓ نے بہت ابتدائی زمانے میں گیارہویں نمبر پراسلام قبول کیا تھا۔ اس وقت آنحضرتﷺ ابھی دارا رقم میں نہیں گئے تھے اور وہاں تبلیغ کا سلسلہ بھی شروع نہیں ہوا تھا۔ قبول اسلام کے بعد مکہ میں جس طرح دیگر تما م صحابہ کو دکھوں اور اذیتوں اور مصائب کا سامنا کرنا پڑا کچھ یہی حال حضرت ابو سلمہ ؓ کا ہوا۔آپ نے اپنے ماموں حضرت ابو طالب ؓ کی پناہ لی۔ قبیلہ بنی مخزوم کے لوگ حضرت ابو طالب ؓ کے پاس آئے کہ آپ نے ان کو کیوں پناہ دی ؟جب لوگوں کا اصرار بڑھا تو ابو لہب نے (باوجودیکہ ساری عمر اسلام کی مخالفت میں ہی گذاری) پہلی دفعہ کسی مسلمان کی طرف داری کرتے ہوئے کہا کہ اگر ابو طالب ان کو پناہ دیتا ہے تو اسے کچھ نہ کہو ورنہ میں بھی اس کا ساتھ دوں گا ۔(2)چنانچہ ابو سلمہ ؓابو طالب کی پناہ میں ایک عرصے تک رہے۔ اس کے بعد جب ہجرت حبشہ کا موقعہ آیا تو ابو سلمہ ؓابتدائی مہاجرین میں شامل تھے۔ اپنی بیوی حضرت ام سلمہؓ کو ساتھ لے کر انہوں نے حبشہ ہجرت فرمائی۔ وہاں سے واپسی ہوئی تو آنحضرتﷺ کے مدینہ ہجرت کرنے سے پہلے ہی ابوسلمہؓ نے مدینہ ہجرت کرنے کی سعادت حاصل کی ۔آپ اولین ہجرت کرنے والوں میں سے تھے(3) ان کی ہجرت کا واقعہ نہایت دردناک ہے ۔
داستان ہجرت
حضرت ام سلمہ ؓ بیان کرتی ہیں کہ’’ مکہ میں جب اذیتوں کا سامنا کرنا پڑاتوابو سلمہ ؓ نے اور میں نے اپنے بیٹے کے ساتھ مدینہ ہجرت کا ارادہ کیا ۔اپنی سواری کا اونٹ تیار کیا ،ابو سلمہ ؓ نے مجھے اور میرے بیٹے سلمہ کو جو میری گود میں تھا سوار کروایا اور یوں یہ چھوٹا سا قافلہ ہجرت کیلئے روانہ ہوا ۔جب بنو مغیرہ کے قبیلے نے دیکھا کہ یہ لوگ ہجرت کرکے مدینہ جاتے ہیں تو وہ اور بنو مخزوم کے لوگ کہنے لگے کہ اے ابو سلمہ ؓ اپنی جان کے تو تم خود مالک ہو لیکن ہمارے قبیلے کی عورت ام سلمہؓ کو تم کیوں کر اپنے ساتھ لے کر جاتے ہو کہ یہ دنیا کاسفر کرکے خاک چھانتی پھرے اور ذلیل و رسوا ہو ہم تواپنی اس بیٹی کو تمہارے ساتھ جانے نہ دیں گے ۔ خودجاتے ہو توجائو۔‘‘ اس طرح ام سلمہؓ کے گھر والوں نے انہیں ابو سلمہؓ سے الگ کرلیا اورابو سلمہ ؓ مدینہ روانہ ہوگئے ۔
ام سلمہؓ کہتی ہیں’’ان کے پیچھے میرا برا حال ہوا ابو سلمہ ؓ کے قبیلہ کے لوگ آگئے ۔ انہوںنے کہا کہ سلمہ ہمارا بیٹا اور ہمارا خون ہے۔یہ ہمارے حوالے کردو۔ الغرض اس خاندان کے بکھرنے کی عجیب صورت پیدا ہوئی۔ ابو سلمہ ؓپہلے ہی مدینہ جا چکے تھے ،ام سلمہؓ کووالدین اپنے ہاں لے گئے اور ان کے معصوم کم سن بچے سلمہ کو ددھیال والے چھین کر لے گئے ۔حضرت ابراہیمؑ،حضرت ہاجرہؑ اور اسماعیلؑ کی قربانی کی یاد ایک دفعہ پھرتازہ ہوگئی۔حضرت ام سلمہؓ کا بیان ہے کہ’’ عجیب پریشانی کی کیفیت میرے لئے پید اہوئی۔ میرے بیٹے اور خاوند کے درمیان ایسی جدائی پڑی کہ میں تنہاسخت بے چین ہوکر ہر صبح باہر میدان میں نکل جایا کرتی اور وہاں بے اختیار رویاکرتی تھی۔ ایک سال تک میر ا یہ حال رہا جسے دیکھ کر لوگوں کو بھی ترس اور رحم آنے لگا یہاں تک کہ ایک سال کے بعد میرے ایک چچا زاد بھائی نے میرے قبیلے کے لوگوں سے کہا خدا کے بندو ! تم کیوں اس عاجز مسکین عورت کو آزاد نہیں کرتے ،تب انہیں کچھ رحم آیا انہوں نے کہا اگر تم چاہتی ہو تو اپنے خاوند کے پاس مدینہ چلی جائو ۔ اسی دوران ددھیال کو بھی کچھ احساس ہوا اور انہوں نے میرا بیٹا بھی میرے حوالے کردیا اور میں مدینے جانے کیلئے تیار ہوگئی مگر میںتنہا تھی میرے ساتھ مدینہ جانے والا کوئی بھی نہ تھا ،تنہا عورت معصوم بچے کے ساتھ تین سو میل کا سفر کرکے مدینہ کیسے جاتی ؟لیکن اللہ نے ایک عجب عزم حوصلہ اورہمت حضرت ام سلمہؓ کو عطا کیا وہ فرماتی ہیں کہ میں ہجرت کا عز م کرکے سواری پر بیٹھی اور مکے سے کوئی دومیل کے فاصلے پر تنعیم پہنچی ہونگی ،کہ عثمانؓ بن ابی طلحہ کلید بردار کعبہ سے سامنا ہوا جو نہایت شریف النفس انسا ن تھے۔ کہنے لگے کہ بنت ابو امیہ کہاںکا قصد ہے؟ میں نے کہا اپنے شوہر کے پاس مدینے جاتی ہوں اس نے کہا کہ تمہارے ساتھ کوئی اور بھی ہے میں نے کہا ’’تنہا ہوں یا میرا یہ کم سن بچہ ہے‘‘ وہ کہنے لگے خد اکی قسم ! تمہاری جیسی عورت کو تنہا نہیں چھوڑا جاسکتا ۔تین چار دن بیابان کا سفر ہے ۔پھر انہوںنے میرے اونٹ کی مہار تھام لی اور میرے ساتھ مدینہ روانہ ہوگئے۔ خد اکی قسم میں نے عربوں میں کوئی شریف النفس عثمان بن ابی طلحہؓ جیسا نہیں پایا ۔وہ میرے اونٹ کی مہار پکڑ کر روانہ ہوئے جب پہلے پڑائو پر پہنچے جہاں رات قیام کرنا تھا تو انہوں نے اونٹ بٹھایااورپھر خودایک طرف ہٹ کر کھڑے ہوئے میں نے ایک درخت کے نیچے آرام کیا اور وہ ذرا فاصلے پر دوسرے درخت کے نیچے آرام کرنے کیلئے چلے گئے۔
پھرصبح ہوئی تو وہ آئے ،اونٹ کوتیار کیا۔ میں سوارہوگئی انہوں نے اونٹ کی مہار تھامی اور پھراس قافلے کو لے کر روانہ ہوئے۔ اس طرح تین دن رات میں انہوں نے مجھے بنی عمرو بن عوف کی بستی قباء میں پہنچایا۔ جب دور سے آبادی کے آثار نظر آئے تو کہنے لگے تمہاراشوہر اسی بستی میں رہتا ہے ۔یہ کہہ کر وہیں سے واپس مکہ روانہ ہوگئے۔ حضرت ام سلمہ ؓ فرماتی تھیں کہ اس وقت عثمان بن ابی طلحہؓ ابھی مسلمان نہیں ہوئے تھے مگرمیں نے ان سے زیادہ معزز شریف النفس انسان نہیں دیکھا(4)
حضرت ام سلمہؓ فرمایا کرتی تھیں کہ خدا کی قسم! جتنی تکلیفیں اور اذیتیں اسلام قبول کرنے کے بعد ابو سلمہ ؓ کے خاندان نے اٹھائی ہیں۔ خدا تعالیٰ کی راہ میں میں نے ایسا کوئی اور خاندان نہیں دیکھا کہ جس نے ایک سال تک ایسی اذیتیں اور دکھ برداشت کئے ہوں کہ میاں بیوی اور بچے کو آپس میں جدا کرکے ایک سخت اذیت میں مبتلا رکھا گیا ہو ۔
حضرت ابو سلمہ ؓ نے مدینہ آنے کے بعد قبامیں حضرت مبشرؓ بن منذر کے پاس قیام کیا۔ آنحضرتﷺ نے ابو سلمہ ؓ کی مواخات حضرت سعد بن خیثمہؓ کے ساتھ فرمائی تھی ۔اور ابو سلمہؓ کوان کا اسلامی بھائی بنایا تھا بعد میںنبی کریم ﷺنے ان کو ایک مکان بھی مدینہ میں عطا فرمایا ۔
غزوات میں شرکت اور قربانی
رسول کریمﷺنے 2ہجری میں غزوہ عشیرہ کے موقع پرحضرت ابو سلمہ ؓ کومدینہ کا امیر مقرر فرمایا تھا ۔حضرت ابن عباسؓ بیان کرتے تھے کہ ابو سلمہ ؓ کے حق میں قرآن کی یہ آیت ہے(الحاقہ :20) گویا ابو سلمہؓ ان لوگوںمیں سے ہیں جن کو اس آیت کے مطابق دائیں ہاتھ میں اعمال نامہ دیاجائے گا اور کہاجائے گا یہ تمہارا نیکیوں کا اعمال نامہ ہے اس کو پڑھو!اور ان کا بھائی سفیان بن عبد الاسدجو اسلام کی دشمنی میںپیش پیش تھا اس کے بائیں ہاتھ میں اعمال نامہ دیاجائے گا (5)
حضرت ابو سلمہ ؓ بڑی بہادری کے ساتھ بدر میں شریک ہوئے ،احد میں بہادری سے لڑے اور زخمی ہوگئے بازو میں شدید قسم کا زخم آیا جس کا علاج مہینہ بھر جاری رہا بظاہر زخم مندمل ہوتا ہوا نظر آیا لیکن ہجرت کے قریباًپندرہ ماہ بعد آپ کو بنی اسد کی طرف ایک اور مہم پرقطن مقام کی طرف جانا پڑا۔(6)اس سفر سے چند دن کے بعد جب واپس لوٹے تو زخم دوبارہ ہرا ہوچکا تھا اس کے چند ماہ بعد ہی آپ کی وفات ہوگئی ۔آنحضر ت ﷺ کو ان سے بہت دلی محبت اور پیارتھاان کی بیمار ی میں ان کی عیادت کیلئے حضور ﷺ ان کے پاس تشریف لے جاتے رہے بلکہ ان کے آخری وقت بھی آنحضرت ﷺعیادت کیلئے ان کے ہاں تشریف لے کر گئے ہوئے تھے۔
شفقت رسولؐ اور تلقین صبر
روایات میں ذکر ہے کہ ابوسلمہؓ کے گھر موجود خواتین اور حضور ؐ کے مابین پردہ حائل تھا ،بعض عورتوں کے رونے کی آوازیں آرہی تھیں۔ آنحضرت ﷺ نے فرمایا کہ ’’اے عورتو! کیوں روتی ہو اور کیوں نامناسب کلمے اپنی زبان سے نکالتی ہو ،یاد رکھوایسے وقت میں فرشتے بھی موجود ہوتے ہیں اور تم لوگ جو کچھ اپنی زبان سے کہتے ہو اس پر وہ آمین کہتے ہیں اس لئے بے صبری کی کوئی بات یا کلمہ زبان سے نکالنا مناسب نہیں۔‘‘
آنحضرت ﷺابو سلمہ ؓ کے آخری لمحات میں اپنی محبت اور پیار کااس طرح اظہارکیا کہ جب ان کی روح قفس عنصری سے پرواز کر رہی تھی اور آنکھیں پھٹی پھٹی نظر آرہی تھیں۔ آپ ؐ نے آگے بڑھ کر خوداپنے دست مبارک سے اپنے اس رضاعی بھائی اور ساتھی کی آنکھیں بند کیںاور دعا کی کہ اے اللہ ابو سلمہؓ کو بخش دے اور اس کا درجہ ہدایت یافتہ لوگوں میں بلند کر اور بعد میں اس کے اچھے جانشین پیدا فرما اور اے رب العالمین اسے اور ہم سب کو بخش دے۔حضرت ابو سلمہ ؓکی تدفین مدینہ میں ہوئی۔ان کی وفات کا سانحہ احد کے بعد 4ہجری میں بیان کیا جاتا ہے۔ آپ کی اولاد میں سلمہ کے علاوہ عمر ،زینب اور درہ تھیں زینب آپ کی وہ بیٹی ہے جو حبشہ کی ہجرت کے زما نہ میں پیدا ہوئی ۔(7)
حضرت ام سلمہ ؓ بیان کیا کرتی تھیں کہ ایک دفعہ ابو سلمہؓ آنحضورﷺ کی مجلس سے لوٹے تو بہت خوش تھے کہنے لگے میں نے آنحضرت ﷺ سے ایک حدیث سنی ہے کہ کسی بھی شخص کو جب کوئی مصیبت پہنچتی ہے اور وہ اللہ تعالیٰ کے حضور یہ دعا کرتا ہے کہ اے اللہ !اس مصیبت کا اجر اور بہترین بدلہ مجھے عطا فرما تو اللہ تعالیٰ اس کا بہترین بدلہ اسے عطا کرتا ہے ۔اور حضرت ام سلمہ ؓ فرماتی ہیں کہ یہ دعا میںنے حضرت ابو سلمہ ؓ سے سنی ہوئی تھی۔ جب حضرت ابو سلمہؓ فوت ہوگئے تو مجھے ان کی یہ بات یاد آئی ۔دوسری طرف آنحضرت ؐ نے بھی تشریف لاکر مجھے تحریک کی کہ اس موقع پر یہ دعا کرو کہ’’ اے اللہ ! اس مصیبت میں مجھے صبر کی توفیق دے اور اس کا بہتر بدلہ مجھے عطا کر ۔‘‘مگر ابو سلمہ ؓ مجھ سے ایسا حسن سلوک کرنے والے تھے کہ یہ دعاکرتے ہوئے میںنے دل میں سوچا کہ کیا ابو سلمہ ؓ سے بہتر بھی کوئی شخص ہوسکتا ہے ؟لیکن آنحضرت ﷺکے ارشاد کی تعمیل میں میں نے یہ دعا کی اور پھر واقعۃً اس کے بدلے میں اللہ تعالیٰ نے ان سے کہیں بہتر وجودیعنی آنحضرت ﷺمجھے عطا فرمادئے۔ جب آنحضرتﷺ کی طرف سے ام سلمہؓ کو نکاح کاپیغامگیا تو انہوں نے کچھ تردّد کے ساتھ بعض عذر پیش کئے کہ میں ایک غیور اور عمر رسیدہ عورت ہوں مجھے سوکن کو برداشت کرنا مشکل ہوگا۔دوسرے میری اولاد زیر کفالت ہے حضورﷺ نے فرمایاکہ عمر آپ کی زیادہ ہے تو میری بھی زیادہ ہے ۔اور غیور ہونے کی جہاں تک بات ہے تو اللہ تعالیٰ وہ ناواجب غیرت دعاسے دور کردے گا ۔باقی رہی آپ کی اولاد تو وہ ہماری بھی اولاد ہوگی آنحضورﷺ نے جب انہیں ہر پہلو سے تسلی کرا دی تو بالآخر حضور ﷺکے ساتھ ان کی شادی ہوگئی ۔(8)
اور ان کے چاروں بچے رسول کریمﷺکے ربیب بن کر آپ کے زیر سایہ پرورش پانے لگے۔(9)
حوالہ جات
1-
اسد الغابہ جلد3ص195
2-
ابن ہشام جلد 2صفحہ 121
3-
ابن سعد جلد 3صفحہ 24
4-
ابن ہشام جلد 3صفحہ 112
5-
اسد الغابہ جلد 3صفحہ 196،اصابہ جز4ص95،استیعاب جلد3ص71
6-
ابن سعد جلد 3صفحہ 240
-7
اسد الغابہ جلد 3ص 196-197
-8
مسند احمد وابن ماجہ
-9
استیعاب جلد3ص71،اسد الغابہ جلد3ص196-197

حضرت شماس بن عثمان قریشیؓ
نام ونسب
حضرت شماسؓ کا اصل نام تواپنے والد کے نام پر عثمان تھا ۔مگر سرخ و سفید رنگ میں اتنے حسین اور خوبصورت تھے کہ چہرہ سورج کی طرح دمکتا تھا ۔یہاں تک کہ ان کا لقب ہی شمس اور پھر شماس پڑ گیا یعنی سورج کی طرح روشن چہر ہ والے۔آپ قبیلہ بنی مخزوم میں سے تھے۔ والدہ صفیہ بنت ربیعہ بنو عبد شمس میں سے تھیں۔ اہلیہ اُم حبیب ابتدائی ہجرت کرنے والی مسلمان خواتین میں سے تھیں ۔ انہوں نے ابتدائی زمانے میں ہی قبول اسلام کی سعادت حاصل کی ہے ۔(1)اہل مکہ کی مخالفت کاسامنا کرنے کے بعد بالآخر حبشہ ہجرت کرنا پڑی۔حبشہ ہجرت کرنے والے دوسرے گروہ میںحضرت شماسؓ بھی شامل تھے۔(2)بعد میں انہوں نے مدینہ ہجرت کی بھی توفیق پائی۔یہاں آکر محلہ بنی عمرو بن عوف میں ٹھہرے اور حضرت مبشر ؓبن عبدالمنذرکے پاس قیام کیا ۔ غزوہ بدرکا موقع آیا تو اس میں شامل ہوئے ،پھرغزوہ اُحد میں شرکت کی اور جام شہادت نوش کیا۔آخر وقت تک بنی عمرو بن عوف میں ہی قیام رہا۔آنحضرت ﷺ نے حنظلہؓ بن ابی عامر کے ساتھ ان کی مواخات قائم کرکے اسلامی اخوت کے رشتے میں منسلک فرمایا تھا۔
حفاظت رسول ؐ میں جان کی قربانی
حضرت شماسؓ بدر اور احد میں نہایت دلیری اور بہادری کے ساتھ شریک ہوئے تھے۔ مگران کی غیر معمولی خدمت جو ان کے روشن چہرے کی طرح انکے سیرت اورکردار کو چار چاند لگا گئی اور ہمیشہ کے لئے تاریخ میںان کا نام زندہ کر نے والی بن گئی وہ ان کا احد کے میدان میں آنحضرتﷺ کی حفاظت کرتے ہوئے قربان ہو جانا ہے۔میدان احد میں آنحضرت ﷺ کے آگے پیچھے اور دائیں بائیں لڑنے والوں میں جہاںمشہور تیر اندازحضرت ابو طلحہؓ انصاری تھے اورحضرت طلحہؓ بن عبید اﷲ ہاشمی بھی تھے جنہوں نے اپنا ہاتھ بطورڈھال آنحضرت ﷺکے چہرے کے سامنے کررکھا تھااور ہر آنے والا تیر اپنے ہاتھ پر لیتے تھے ۔وہاں حضرت شماس ؓ بھی ہیں جو آنحضرت ﷺ کے آگے اس طرح سینہ سپر ہوگئے کہخود حضور ؐ نے خصوصیت کے ساتھ اس کا ذکر کیا۔آپؐنے فرمایا کہ’’ شماسؓ کو اگر میں کسی چیز سے تشبیہ دوںتو اسے ڈھال سے تشبیہ دے سکتا ہوں کہ وہ احد کے میدان میں میرے لیے ایک ڈھال ہی توبن گیا تھا اور میرے آگے پیچھے دائیں اور بائیں ہوکر حفاظت کرتے ہوئے آخر دم تک لڑتا رہا ۔‘‘ آنحضرتﷺ جدھر نظر ڈالتے شماس ؓ آپ کو نہایت بہادری اور دلیری سے لڑتے ہوئے دکھائی دیتے تھے ۔ آپ ؐ نے دیکھا کہ جو حملہ آور بھی آگے بڑھنے کی کوشش کرتا شماس ؓ اپنی تلوار کے ساتھ مقابلہ کرکے ان کو پیچھے ہٹاتا ہے۔
ظاہر ہے دشمن کا ہدف رسول کریمﷺ کی ذات تھی۔ جب وہ آنحضور ﷺپرحملہ میں کامیاب ہوئے اور زخمی ہونے کے بعدرسول کریم ﷺپر غشی کی کیفیت طاری ہوگئی ،تب بھی شماسؓ آگے ڈھال بن کر کھڑے رہے یہاں تک کہ خود شدید زخمی ہو گئے ۔اس حا لت میں ان کو مدینے لا یا گیا اور حضرت عائشہ ؓ کے گھر میں تیمارداری کے لئے رکھا گیا۔حضرت اُم سلمہ ؓ نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ یہ میرے چچا کے بیٹے ہیں میرے گھر میں ان کی تیمارداری ہونی چاہیے۔چنانچہ وہیں ان کی تیمارداری ہوئی۔اس شدید زخمی حالت میں ایک دن اورایک رات اس طرح گذارا کہ وہ کچھ کھا پی نہ سکتے تھے ۔اسی حال میں ان کی وفات ہوگئی۔ آنحضرت ﷺ نے فرمایا کہ شماسؓ کوبھی اس کے کپڑوں میں ہی دفن کیا جائے، جس طرح دوسرے شہداء کو بھی انکے لباس میں دفن کیا گیا۔ نیز فرمایا کہ شہداء کی طرح ان کی کوئی الگ نماز جنازہ بھی نہیں ہو گی۔اور تدفین بھی میدان اُحد میں کی جائے جہاں دیگر شہداء اُحد کی تدفین ہوئی ۔گویا حضورﷺ نے انکو ہرپہلوسے شہداء اُحد کے زمرے میں شامل فرمایا ۔ اس خوش بخت حسین و جمیل جوان ر عناکی عمر صرف چونتیسبرس تھی جب وہ اپنے آقا و مولا حضرت محمد رسول اﷲﷺپر فدا ہو گیا ۔(3)
اس جوان موت سے حضرت شماس ؓکے اہل و عیال اور بہن بھایئوں کو صدمہ ہونا طبعی امر تھا ۔ حضرت حسان بن ثابتؓ نے اس پر مرثیہ کہا جس میں ان کی بہن کو تعزیت کرتے ہوئے وہ یوں مخاطب ہوتے ہیں کہ’’ اے شماس ؓ کی بہن!صبر کرو ،دیکھو شماسؓ بھی تو ایک انسان تھا ۔وہ بھی حضرت حمزہ ؓکی طرح آنحضرت ﷺپرفدا ہوگیا ہے ۔پس یہ ایک صبر کا معاملہ ہے تم بھی اس پر صبر کرو ۔‘‘یہ تھے حضرت شماس ؓ کہ بظاہر جن کا نام روایات میںبہت معروف نہیں ہے مگر آنحضرت ﷺ نے اپنے آگے اور پیچھے، حفاظت کرنے والوں میںانکو بطور ڈھال قرار دے کر انہیں وفا کی سند عطا فرما دی اور اُحد کے میدان میں شہادت پاکر اللہ تعالیٰ کے حضورانہوںنے شہادت کا بلند مرتبہ پایا۔ـ
یہ مرتبہ بلند ملا جس کو مل گیا
حوالہ جات
-1
اسد الغابہ جلد 3صفحہ3
ابن سعد جلد3صفحہ 245
-2
ابن سعد جلد نمبر 3 صفحہ 246
 

MindRoasterMir

لا غالب الاللہ
رکن انتظامیہ
منتظم اعلیٰ
معاون
مستقل رکن
حضرت ابّان بن سعید الاموی قریشیؓ
حضرت ابّانؓ کے والد سعید بن العاص الاموی کنیت ابوا حیحہ تھی ۔دادا عاص بدر میں حضرت علیؓ کے ہاتھوں مارے گئے تھے۔ان کی والدہ ھند بن مغیرہ مخزومیہ یا صفیہ خالدؓ بن ولید کی پھوپھی تھیں۔پانچویں پشت میں عبدمناف پر رسول اللہﷺسے ان کا نسب مل جاتا ہے۔ ابان کے دو بھائیوں خالد اور عمرو مسلمانوں کے مقابلہ میںابتدائی زمانہ میں اسلام قبول کر لیا تھا اور حبشہ کی طرف ہجرت کی سعادت پائی۔جبکہ دو بھائی عاص اور عبیدہ بدر میں مارے گئے۔
ابانؓ بھی آغاز میں اسلام کے سخت مخالف تھے۔ بھائیوں کے قبول اسلام پر ابّان کو سخت صدمہ پہنچا جس کااظہارانہوں نے اپنے اشعار میں یوں کیا۔
اَ لَالَیتَ مَیتاً بالظریبۃ شاھدٗ لِمَایَفتَرِی فِی الدِّینِ عَمْرٌو وَّ خَالِدٗ
اَطَاعَامَعاً اَمرَا لنِّسَائِ فَاَصْبَحَا یُصِیْبَان مِن اَعْدَا ئِنَا مَن یُکَایِدٗ
یعنی اے کاش!ظریبہ مقام پر مدفون ہمارے آبائو اجداد اس جھوٹ و افتراء کو دیکھ لیتے جو عمرو اور خالدنے کیا ہے تو کتنا برا مناتے۔ان دونوں نے عورتوں والا کمزور دین قبول کرلیا اور ہمارے دشمنوں کے معاون ومددگار ہوگئے جو مخالفانہ تدبیریں کرتے رہتے ہیں۔
اس کے جواب میں ان کے مسلمان ہونے والے بھائی عمروؓ نے بھی کیا خوب کہا
یَقُولُ اِذَا شَکَت عَلَیہِ اُمُورُہ اَ لَالَیتَ مَیتًا بِالظَّرِیْبَۃِ یَنشُرٗ
فَدَع عَنْکَ مَیْتاً قَدمَضٰی لِسَبِیْلِہٖ وَاقبَلْ عَلَیْ الحَیِّ الَّذِی ھُوَاَقفَرٗ
یعنی جب ہمارے بھائی کے حالات اس کے مخالف ہوتے ہیں تووہ کہہ اٹھتا ہے کہ کاش! ظریبہ میں مدفون شخص زندہ ہو کر دیکھے۔اے ہمارے بھائی! ان مردوں کے ذکر کو چھوڑو جو اپنی راہ پر روانہ ہو چکے اور ان زندوں پر توجہ کرو جو وطن سے بے وطن ہوچکے ہیں۔
حضرت ابانؓ نے حدیبیہ اور خیبر کے درمیان اسلام قبول کیا۔ اس کا سبب یہ واقعہ ہواکہ وہ تجارت کے لئے ملک شام کو گئے ۔وہاں ایک راہب سے ملاقات ہوئی اس سے رسول اللہﷺ کے بارہ میں مشورہ کیا اوربتایاکہ میں قریش سے ہوں اور ہم میں سے ایک شخص ظاہر ہوا ہے جوموسیٰؑ اورعیسیٰؑ کی طرح رسول اللہﷺ ہونے کا دعویدار ہے ۔ اس نے پوچھا تمہارے صاحب کا کیانام ہے؟ انہوں نے کہا محمدؐ۔راہب نے رسول اللہﷺ کی تمام صفات آپ کی عمر اور نسب سب بیان کر دئے تو ابان نے کہا یہ درست ہے۔ اس پر راہب نے کہا کہ یہ شخص پہلے عرب پر پھر ساری دنیا پر غالب آئے گا پھر ابان سے کہا کہ اس نیک شخص کو میرا سلام کہنا۔ ابان ؓجب مکہ آئے تو رسول اللہﷺ کے بارہ میں تازہ احوال پوچھے مگر خلاف معمول آپ کی مخالفت میں کوئی بات نہیں کی۔ یہ حدیبیہ کے قریب کا واقعہ ہے پھر حضورﷺ حدیبیہ تشریف لائے اور واپس مدینہ گئے تو ابانؓ بھی پیچھے مدینہ پہنچے اور اسلام قبول کرلیا۔(1)
فتح خیبر کے بعد رسول کریمﷺ نے حضرت ابانؓ کی سرکردگی میں ایک مہم نجد کی طرف بھجوائی۔ یہ دستہ فتح خیبر کے بعد واپس لوٹا تو حضرت ابوہریرہ ؓ نے رسول کریمﷺکی خدمت میں اپنی رائے پیش کی کہ فتح خیبر کے مال غنیمت سے ان لوگوں کو حصہ نہیں ملنا چاہیے۔ جس پرابانؓ ناراض ہوئے۔ رسول کریمﷺنے منع فرمایا اور پھر ان کیلئے غنائم خیبر سے حصہ نہیں نکالا۔(2)
دوسری روایت میں یہ تفصیل ہے کہ حضرت ابانؓ بن سعید رسول کریمﷺ کی خدمت میں فتح خیبر کے بعد حاضر ہوئے۔ نبی کریمﷺکی خدمت میں سلام عرض کیا۔ حضرت ابوہریرہؓ نے رسول اللہﷺ سے شکایت کے رنگ میں عرض کیا کہ ابانؓ ایک مسلمان ابن قوقل ؓکا قاتل ہے۔(ابن قوقلؓ بدر میں ابان کے ہاتھوں شہید ہوئے تھے)حضر ت ابانؓ نے جواب صدق دل سے اسلام قبول کرچکے تھے کمال سردارانہ ذہانت اور حاضرجوابی سے اپنا موقف یوں پیش کیا کہ مضمون الٹ کر رکھ دیا۔حضرت ابوہریرہؓ سے کہنے لگے تمہارے جیسے شکایت کرنے والے شخص پر مجھے تعجب ہے جو دور کہیں ضان کے پہاڑ سے اتر کر آیا ہے اور مجھ پر ایک ایسے کی موت کا الزام لگا رہا ہے جسے اللہ تعالیٰ نے میرے ہاتھوں مرتبہ شہادت عطا کرکے عزت و کرامت عطا فرمائی اور اسے اس بات سے روک دیا کہ میں اس کے ہاتھ سے ہلاک ہو کر ذلیل ہوں۔‘‘(3)
غزوئہ حدیبیہ کے موقع پر اہل مکہ کو صلح پر آمادہ کرنے کیلئے رسول کریمﷺ نے حضرت عثمانؓ کو اپنا سفیر بنا کر مکہ بھجوایا۔اس موقع پر حضرت ابانؓ بن سعید نے حضرت عثمانؓ کو اپنی امان میں لیااور پورے اعزاز و اکرام سے مکہ لائے۔ وہ اپنی خاندانی اور ذاتی شرافت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی سواری سے اتر آئے۔ حضرت عثمانؓ کو زین پر اپنے آگے سوار کیا اور خود انکے پیچھے بیٹھے اورانہیں پیشکش کی کہ مکہ میں آپ جہاں چاہیں جائیں۔اب آپ بنوسعید کی امان میں ہیں جنہیں حرم میں عزت کا مقام حاصل ہے۔ حضرت ابانؓ کی پناہ میں حضر ت عثمانؓ نے رسول کریمﷺ کا پیغام اہل مکہ کو پہنچایا۔ ابو سفیان اور دیگر سرداران قریش سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے حضرت عثمانؓ کو طواف کعبہ کی بھی پیشکش کی مگر حضرت عثمانؓ نے کہا میں رسول اللہﷺ کے بغیر طواف نہیں کرسکتا۔(4)
رسول کریمﷺنے فتح بحرین کے بعد جب وہاں کے حاکم علاء بن حضرمی کی معزولی کے بعد حضرت ابانؓ کو وہاں حاکم مقرر فرمایا۔ رسول کریمﷺ کی وفات تک یہ وہاں حاکم رہے پھر مدینہ واپس آگئے۔
حضرت ابوبکرؓ نے دوبارہ وہاں بھجوانا چاہا تو پہلے عرض کیا کہ رسول اللہﷺ کے بعد مجھے اس کام پر نہ لگائیں تو بہتر ہے۔ مگر پھر خلیفہ وقت کی خواہش پر یمن کے ایک حصہ کے والی کے طور پر کام کیا۔ حضرت عمرؓ کے زمانہ تک یہ خدمت انجام دیتے رہے۔(5)
وہ ایک ذہین اور عادل حاکم تھے ۔ولایت یمن کے زمانہ کا واقعہ ہے ۔ ان کے پاس فیروز نامی ایک شخص نے اپنے کسی عزیز’’دادویہ‘‘کے قتل کا مقدمہ پیش کیا جسے قیس بن مکشوح نے قتل کیا تھا۔ حضرت ابانؓ نے قیس کو طلب کرکے پوچھا کہ کیا تم نے کسی مسلمان شخص کو قتل کیا ہے۔ اس نے بتایا کہ ’’اول تو دادویہ مسلمان نہیں تھا ۔ دوسرے میں نے اسلام سے پہلے اسے اپنے والد اور چچا کے قتل کے بدلے میں ماراتھا۔‘‘
اس پر حضرت ابانؓ نے اپنی تقریر میں یہ مسئلہ کھول کر لوگوں کے سامنے بیان کیا کہ رسول کریمؐ نے جاہلیت کے تمام خون بہا معاف اور کالعدم قرار دے دئے تھے۔ اب اسلام کے زمانہ میں جو شخص کسی جرم کا مرتکب ہوگا ہم اس پر گرفت کریں گے۔ پھر حضرت ابانؓ نے قیس سے کہا کہ میں یہ فیصلہ تمہیں لکھ کردیتا ہوں ۔ یہ تحریری فیصلہ امیر المومنین حضرت عمرؓ کی خدمت میں پیش کرکے توثیق کروالو۔ چنانچہ حضرت عمرؓ کی خدمت میں یہ معاملہ پیش ہوا تو انہوں نے اس کی توثیق فرمائی۔(6)
حضرت عثمانؓ کی ہدایت پر حضرت ابّان ؓ کے سپرد یہ اہم خدمت بھی ہوئی کہ وہ حضرت زیدؓ بن ثابت کو مصحف عثمانؓ کے مطابق قرآن شریف کی املاء کرائیں۔یہ خدمت بھی انہوں نے احسن رنگ میں انجام دی۔(7)
حضرت ابّانؓ کی وفات کے بارہ میں اختلاف ہے۔ایک روایت کے مطابق 13ھ میں جنگ اجنادین میں ،دوسری روایت کے مطابق 15ھ میں جنگ یرموک میںاورتیسری روایت کے مطابق 29ھ میں حضرت عثمانؓ کی خلافت میں وفات ہوئی۔ یہ آخری روایت نسبتاً زیادہ قرین قیاس ہے۔کیونکہ حضرت عثمانؓ کے زمانہ میں انہیں قرآن شریف کی خدمت کی سعادت ملنے کا ذکر موجود ہے۔(8)
حوالہ جات
1-
اسد الغابہ جلد 1ص 36
2-
ابن حبان جلد 4ص 336
3-
بخاری کتاب المغازی
4-
استیعاب جلد1ص159،مسند احمدحدیث مسور
5-
اصابہ جز 1ص 10،اسد الغابہ جلد 1ص 37
6-
اصابہ جز 1ص 10,11
7-
استیعاب جلد 1ص 160
-8
اسد الغابہ جلد 1ص 37

حضرت صہیب بن سنان رومی ؓ
نام ونسب
حضرت صہیب کے والد سنان بن مالک اور والدہ سلمیٰ بنت قعید تھیں۔ عرب کے ایک قبیلے سے آپ کاتعلق تھا۔ اور آپ کے والدیا چچا اُبلہ شہر پر کسریٰ شاہ ایران کی طرف سے حاکم تھے۔ ان کی رہائش موصل کے قریب دریا ئے فرات کے کنارے ایک بستی ثِنیّ نامی میں تھی۔ اس زمانے میں رومی فوجوں کی جنگ ایرانیوں سے جاری تھی۔ رومیوں کے ایک ایسے ہی حملے کے دوران کم سنی کی عمر میں صہیب بھی گرفتار ہوکر رومی علاقے میں لے جائے گئے اوروہاں ایک عرصہ تک رہے۔ اس دوران رومی زبان بھی سیکھی۔ جس کی وجہ سے عربی میں لکنت ہوتی تھی۔
ایک روایت کے مطابق بعد میں قبیلہ بنوکلب نے انہیں خرید کر مکہ میں بیچ دیا اور عبد اللہ بن جدعان التیمی نے انہیں خرید کر آزاد کر دیا۔ دوسری روایت کے مطابق صہیب خود سن شعور کے بعد رومیوں کی قید سے فرار ہو کر مکے آئے اور عبد اللہ بن جدعان کے حلیف بن گئے۔ بعض اورروایات کے مطابق آپ کا اصل نام عمیرہ تھا،رومیوں نے آپ کا نام صہیب رکھا۔ رسول کریم ﷺ نے آپ کی کنیت ابو یحیٰ تجویز فرمائی تھی۔(1) آپ کا رنگ سرخ تھا۔ میانہ قد، سر کے بال گھنے تھے مہندی لگاتے تھے۔
قبول اسلام
گھر سے گمشدگی کے بعد آپ کی بہن امیہ اور چچا لبیدنے عرب کے میلوں میں اور حج وغیرہ کے مواقع پر آپ کو بہت تلاش کروایا مگر صہیب کہیں نہ ملے۔ عبد اللہ بن جدعان کے پاس قیام کے دوران ہی آپ کی قسمت جاگی کہ آنحضرتﷺ نے اعلان نبوت فرمایا۔انہیں بھی اس دعویٰ کی خبر ہوئی۔ آنحضورﷺ کا پیغام سننے کے لئے دارارقم میں پہنچے اور اسلام قبول کیا۔ حضرت صہیب ؓ اور حضرت عمارؓ بن یاسر نے ایک ہی زمانے میں اسلام قبول کیا۔(2)
حضرت عمار بن یاسرؓ کا بیان ہے کہ جب دارارقم ابتدائی زمانہ اسلام میں تبلیغ کا مرکز تھا اور ابھی چند لوگوں نے ہی اسلام قبول کیا تھا۔ میں دارارقم کے دروازے پر پہنچا ہی تھاکہ صہیبؓ آگئے میں نے پوچھا کس مقصد سے آئے ہو؟ صہیبؓ صاحب تجربہ ،زیرک اور دانا انسان تھے کہنے لگے پہلے آپ بتائو کس ارادہ سے یہاں آئے ہو؟ عمار بن یاسرؓ کہتے ہیں میں نے کہا کہ میں تو محمدﷺکا پیغام اور کلام سننے کیلئے آیا ہوں تب صہیبؓ نے کہا کہ میں بھی اسی ارادے سے آیاہوں۔ ہم دونوں آنحضورﷺکی خدمت میں حاضر ہوئے حضورﷺنے اسلام کا پیغام سمجھایا اور ہم دونوں نے اسی موقع پر اسلام قبول کرکے حضورﷺکی بیعت کی توفیق پائی ۔
اس وقت تک جو لوگ اسلام قبول کر چکے تھے ان کی تعداد تیس بیان کی جاتی ہے۔ لیکن اسلام کا اعلان یا اظہار کرنے والے حضرت ابوبکرؓ کے علاوہ معدودے چند ہی تھے ایک تو خاندان یاسرؓ جس میں ان کی بیوی سمیّہؓ اور بیٹے عمارؓ تھے پھر حضرت خبابؓ ، حضرت بلالؓ اور حضرت صہیبؓ ۔ یہ وہ چند لوگ تھے جن کا کمزور مسلمان گھرانوں سے تعلق تھا۔ آنحضرتﷺاور حضرت ابوبکرؓ صدیق ہی بظاہر ان کی جائے پناہ تھے جو ان کے لئے غیرت رکھتے اور ڈھال بنتے تھے۔ ورنہ مختلف قبائل سے آکر حلیف بننے والے کمزوروں اور غلاموں کاکوئی پرسان حال نہیں تھا کیونکہ ان کے اپنے کوئی خونی رشتہ دار تو تھے نہیں جو ان کی سپر بنتے۔ ان کے مالک ان کوکپڑے اور لوہے کی زرہیں پہنا کر تپتی ہوئی دھوپ میں لٹا دیتے او ریوں تکلیف اور اذیت سے وہ دن گزارتے۔ (3)
روایت ہے کہ انہی مظلوموں کے بارہ میں یہ آیت اتری۔ وَالَّذِینَ ھَا جَرُو ا فِی اللّٰہِ مِنْ بَعدِ مَا فُتِنُوا ثُمَّ جَا ھَدُواوَصَبَرُوا اِنَّ رَبَّکَ مِن بَعدِ ھَا لَغَفُور رَّحِیم۔(النحل :111)یعنی وہ لوگ جنہوں آزمائش میں پڑنے کے بعد ہجرت پھر جہادکیا اورصبر سے کام کیا۔ تیرا رب اس کے بعد ضرور بخشنے والا او رمہربان ہے۔
ہجرت اور مال کی قربانی
حضرت صہیبؓ نے بھی انہی حالات میں مکے میں ابتلائوں کا مقابلہ کرتے ہوئے وقت گزارا یہاں تک کہ آنحضرتﷺکو ہجرت کی اجازت ہوئی تو انہوں نے بھی ہجرت کا قصد کیا۔ حضورﷺ اور حضرت ابوبکرؓکے بعدآخری ہجرت کرنے والوں میں حضرت صہیبؓ شامل تھے۔ وہ مالدار تاجر تھے اور تجارت کے ذریعہ کافی مال کمایاتھا جب ہجرت کرکے مدینہ جانے لگے تو اہل مکہ نے ان سے کہا کہ تم تو ایک مفلس غلام کے طور پر ہمارے شہر مکہ میں آئے تھے۔ ہم تمہیں یہاں سے کمایا ہوا مال لے کر ہرگز جانے نہ دیں گے۔ صہیبؓ نے کہا اگر مال یہیں چھوڑ دوں تو کیا پھر جانے د و گے؟ اورپھر انہوں نے اپنا نصف مال اہل مکہ کے حوالے کردیااور ہجرت مدینہ کا قصد کیا۔ (4)
صہیبؓ اپنے بیوی بچوں کو لے کر مدینے کی جانب روانہ ہوئے تو بعض قریش نے آپ کا پیچھا کیا وہ سواری سے اتر آئے ۔ صہیبؓ بہت بہادر اور زبردست تیر انداز تھے۔ انہوں نے اپنے ترکش کے تمام تیر نکال کر نیچے بکھیر دئیے اور کہا اے قریش !تم جانتے ہو کہ میں تم سب سے بہترین تیر انداز ہوں میرے ترکش کے آخری تیر کے ختم ہونے تک تم مجھ تک نہیں پہنچ سکتے۔ اسکے بعد میری تلوار سے تم کو لڑنا ہوگا۔ دوسری صورت یہ ہے کہ مجھے امن سے جانے دواور اس کے عوض میں اپنے باقی مال کے بارے میںبھی تمہیں بتادیتا ہوں وہ تم مکہ جاکر نکال لو۔ اس طرح کمال حکمت عملی سے انہوں نے کفار کے ساتھ معاملہ کیا اور اپنا سارا مال دے کر اور اپنا ایمان اور خاندان بچا کر مدینہ آگئے۔ صحابہ بیان کیا کرتے تھے کہ یہ آیت اسی موقع کی مناسبت سے اتری
وَمِنَ النَّاسِ مَن یَّشْرِیْ نَفسَہُ ابْتِغَائَ مَرْضَاتِ اللّٰہِ (البقرۃ:208)
کہ لوگوں میں سے بعض ایسے ہیں جو اللہ تعالی کی رضا کی خاطر اپنا تمام مال قربان کرکے اپنے نفس کو بیچ دیتے ہیں ۔ الغرض حضرت صہیبؓ نے تمام مال اللہ تعالیٰ کی راہ میں قربان کر دیا۔ حضرت صہیبؓ جب آنحضرتؐ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور حضورؐ نے ان کے سفر کا حال سنا کہ کس طرح سارا مال دے کر جان اور ایمان بچا لیا تو فرمایا کہ یہ گھاٹے کا سودا نہیں ہے ۔ رَبِحَ صُھَیْبُ رَبِحَ صُھَیبُ۔صہیبؓ نے وہ سودا کیا ہے جو بہت نفع والا ہے کیونکہ انہوںنے دین کو دنیا پر مقدم کیا تھا۔
صحبت رسولﷺاوردلداری
مکہ سے آنے والے آخری مہاجرین میں حضرت علیؓ اور حضرت صہیبؓ بیان کئے جاتے ہیں۔ ہجرت کرکے جب وہ قبا میں آئے تو پتہ چلا کہ آنحضرتﷺحضرت کلثوم بن ہدمؓ کے پاس قیام فرما ہیں۔ وہاں ایسے وقت پہنچے تو حضرت ابو بکرؓ اور حضرت عمرؓ بھی موجود تھے۔ اور کھجوریں تناول فرما رہے تھے۔ ادھر سفر کی صعوبتوں اور تکالیف کے بعد صہیبؓ کی ایک آنکھ دکھنے کو آئی تھی ۔ کفار نے ان کا سارا مال تووہیں پر دھر لیا تھا۔ صہیبؓ کہتے ہیں گندم کا تھوڑ اسا آٹا جو زاد راہ تھی، ابواء مقام پر گوندھ کر اس کی روٹیاں بنالی تھیں۔ بھوک اور فاقے کی اس حالت سے گزر کر جب قبا پہنچے تو مدینہ کی تروتازہ کھجوریں مجلس رسولؐ میںماحضر تھیں۔ بے تکلفی سے اس دعوت میں شریک ہوئے اور بے دھڑک وہ کھجوریں کھانے لگے ۔ حضرت عمرؓ کو صہیبؓ سے خاص لگائوتھا۔ انہوں نے صہیبؓ کو چھیڑتے ہوئے آنحضورؐ کی خدمت میں عرض کیا کہ یارسول ؐاللہ آپ دیکھتے نہیں کہ صہیبؓ کی ایک آنکھ دکھنے کو آئی ہیپھربھی یہ بے دھڑک کھجوریں کھاتے چلے جارہے ہیں۔ گویا ان کی صحت کیلئے یہ مضر ہے۔ آنحضرتؐ نے حضرت صہیبؓ کو یہ توجہ دلائی کہ تمہاری آنکھ دکھنے کو آئی ہے اور پھر بھی بے دھڑک کھجوریں کھاتے جارہے ہو۔ حضرت صہیبؓ نے بھی کیا پر مزاح جواب دیا کہ یا رسولؐ اللہ میںاپنی دوسری تندرست آنکھ کی طرف سے کھا رہا ہوں۔ اس حاضر جوابی پر نبی کریمؐ بے اختیار مسکرائے۔ (5)
یہ ظرافت اپنی جگہ مگر اس میں بھی شک نہیں کہ صہیبؓ کو ایک فاقے کے بعد وہ کھجوریں میسر آئیںجو آنحضرتﷺکا تبرک بھی تھااس لئے صہیبؓ سے رہا نہ گیا۔ اس کے بعد آنحضرتﷺ اور حضرت ابوبکرؓ سے محبت بھرے شکوے کرنے لگے کہ مجھے کیوں اپنے ساتھ سفر ہجرت میں شریک کرکے خدمت کا موقع نہ دیا۔ پیچھے رہ کر مجھ پر یہ نوبت آئی کہ اپنا سارا مال اللہ تعالیٰ کی راہ میں قربان کرکے بمشکل اپنی جان او رخاندان آزاد کروا کے لایا ہوں ۔ حضور اکرمﷺ نے اسی موقع پر فرمایا کہ ’’یہ تو بہت ہی اعلیٰ اور نفع بخش تجارت ہے جو صہیبؓ نے کی۔ ‘‘
غزوات میںشرکت
مدینہ میں حضرت سعدؓ بن خیثمہ کے پاس قیام رہا اورآنحضرت ﷺنے حضرت حارث بن الصمہؓ کے ساتھ آپ ؓ کا بھائی چارہ قائم فرمایا۔ اس کے بعد حضر ت صہیبؓ تمام غزوات میں حضوراکرمﷺ کے شانہ بشانہ شریک ہوئے۔ بد ر، احد، فتح خیبر اور فتح مکہ کے موقع پر بڑی بہادری کے ساتھ دشمن کامقابلہ کیا۔
حضرت صہیبؓ طبعاً بہت زیادہ روایات بیان نہیں کرتے تھے تاہم کہا کرتے تھے کہ غزوات رسول ؐ کے بارے میں جتنی باتیں مجھ سے پوچھنی ہیں پوچھ سکتے ہو۔ کیونکہ آنحضرتﷺکے ساتھ تمام غزوات میں مجھے شامل ہونے کاموقع ملا ہے۔ دوسری روایت کے مطابق ان کا بیان ہے کہ ’’بیعت کے بعد کی زندگی کے تمام اہم اور مشہور واقعات میں مجھے حاضرخدمت رہنے کی توفیق ملی ہے۔ آنحضورﷺ نے جب بھی کوئی بیعت لی مجھے اس میں موجودہونے کی سعادت عطا ہوئی ۔ کوئی مہم حضور اکرمﷺ نے نہیں بھجوائی مگر میں اس موقع پر حاضر تھا کوئی غزوہ آپؐ نے نہیں کیا مگر میں اس موقع پر موجود تھابلکہ میں آپ کے دائیں اور کبھی بائیں ہو کر لڑتا تھا اور کبھی آگے سے اندیشہ ہوتا تو سامنے ہوکر لڑتا اور آنحضرتﷺکو کبھی اس حال میں نہیں چھوڑا کہ آپ میرے اور دشمن کے درمیان آگئے ہوں۔ یہاں تک کہ آنحضورﷺکی وفات ہوگئی‘‘ یعنی ہمیشہ رسول خداﷺکے آگے سینہ سپر رہے اور کبھی دشمن کو آنحضرتؐکے سامنے نہیں ہونے دیا کہ حضور کا دشمن سے آمنا سامنا ہو۔ (6)
آنحضرت ﷺحضرت صہیبؓ کی ان خوبیوں اور ان کے اعلیٰ اخلاق فاضلہ وصفات حسنہ کی وجہ سے ان کی تعریف فرماتے تھے۔ ایک موقع پر حضرت صہیبؓ کا ذکر کرتے ہوئے رسول کریمﷺ نے فرمایا کہ قومی لحاظ سے سبقت لینے والے چار ہیں۔ عربوں میں سبقت لینے والا میں ہوں( اور اس میں کیا شک ہے کہ ہمارے نبیؐ اَوَّلُ المُؤمِنِینَکے مقام پر فائز تھے کہ اپنے خدا کی طرف سے نازل ہونے والے کلام پر سب سے پہلے آپؐ ہی ایمان لائے تھے) پھر فرمایا کہ صہیبؓ رومیوں میں سے سبقت لے جانے والے ہیں اور سلمانؓ فارسی ایرانیوں میں سے پہلا پھل ہے جو مسلمانوںکو ملااور اہل حبشہ میں سبقت لینے والے بلال ؓ ہیں ۔رسول کریمﷺ نے فرمایا کہ جو شخص اللہ اور یوم آخرت پر ایمان لاتا ہے چاہیے کہ وہ صہیبؓ سے اسطرح محبت کرے جیسے ماں بیٹے سے محبت کرتی ہے۔یہ ایک نووارد غیر عرب کیلئے رسول اللہﷺ کا حسن سلوک تھا۔
ایک دفعہ حضرت ابوبکرؓ ایک مشرک قیدی کو لے کر جارہے تھے حضرت صہیبؓ نے کہہ دیا کہ اس کی گردن میں تلوار کی جگہ تھی یعنی لائق گردن زدنی تھا۔ اس پر حضرت ابوبکرؓ ناراض ہوئے رسول کریمؐ نے سبب پوچھا تو انہوں نے صہیبؓ کی بات سنائی۔آپؐ نے فرمایا’’تم نے صہیبؓ کو ناراض تو نہیں کیا؟خدا کی قسم! اگر تم اس کو ایذاء پہنچاتے تو اللہ اوراسکے رسول ؐ کو ایذا پہنچانے والے ہوتے۔(7)
حضرت عمرؓ سے محبت اوردوستی
حضرت صہیبؓ کو رومیوں سے نسبت دینے کی وجہ یہ ہے ان کے بچپن کا زمانہ رومیوں میں گزرا۔ رومی زبان ان کو آتی تھی۔ اور عربی بولنے میں کچھ لکنت بھی پائی جاتی تھی۔
حضرت عمرؓ کے ساتھ حضرت صہیبؓ کی بے تکلفی اور خاص محبت کا ذکر آتا ہے ۔ ایک دفعہ حضرت عمرؓ مدینہ کے نواح میں ان کی رہائش گاہ پر حضرت زید ؓبن اسلم کے ساتھ گئے تو حضرت صہیبؓ آوازیں دینے لگے یاناس ۔ یاناس۔ تو حضرت عمرؓ کہنے لگے صہیب ؓ کو کیا ہوا کہ ہمیں دیکھتے ہی لوگوں کو پکارنے لگے ہیں۔ پتہ چلا کہ دراصل صہیبؓ اپنے غلام یہنس کو بلا رہے تھے اور لکنت کی وجہ سے یہنس کو یاناس کہہ رہے تھے۔(ناس کے معنی ہیں لوگ)
حضرت عمر ؓنے اسی بے تکلفی میں ایک دفعہ صہیبؓ سے فرمایا کہ تمہارے ساتھ ایک دوستی اور محبت کا تعلق ہے۔ بہت قریب سے بھی دیکھنے کا موقع ملا اور تمہارے اند ر کوئی عیب نہیں پایا۔ مگر دو تین باتیں عجیب سی لگتی ہیں۔ اگر یہ بھی نہ ہوتیں تو میں تم پر کسی کو مقدم نہ کرتا اور تم میرے انتہائی گرم جوش دوست ہوتے۔ پہلی بات یہ تمہاری اولاد کوئی نہیں مگر کنیت ابو یحیٰی رکھتے ہو جو ایک نبی کا نام ہے۔حضرت صہیبؓ نے کہا دراصل نبی کریمﷺنے میری یہ کنیت خو د تجویز فرمائی تھی۔اب میںمرتے دم تک اسے چھوڑ نہیں سکتا ۔ دوسری بات حضرت عمرؓ نے یہ فرمائی کہ تمہاری زبان عجمی ہے رومی زبان بولتے بھی ہو اورعربی میں کچھ لکنت بھی ہے پھر بھی تم اپنے آپ کو عرب سے نسبت دیتے ہو ۔ حضرت صہیبؓ نے کہا کہ دراصل میں رومیوں میں سے نہیں البتہ بچپن میں وہاں رہنے کا موقع ضرور ملا دراصل میں عربی نژاد ہوں۔ چھوٹی عمر میں رومی مجھے قید کرکے لے گئے ورنہ عرب خاندان اور قبیلے سے ہی میرا تعلق ہے۔ تیسری بات حضرت عمرؓ نے یہ فرمائی کہ تم اس کثرت سے لوگوں کو کھانا وغیرہ کھلا دیتے ہوکہ مجھے ڈر لگتا ہے اس میں اسراف نہ ہو۔ حضرت صہیبؓ نے کہا کہ یہ جو میں لوگوں کو کھلاتا ہوں دراصل آنحضرتﷺکی ایک نصیحت کی وجہ سے ہے۔ آپؐ نے فرمایا’’ تم میں سے بہترین لوگ وہ ہیں جو لوگوں کو کھانا کھلاتے اورسلام کو رواج دیتے ہیں۔‘‘ حضورﷺ کی یہ نصیحت جو آپؐ نے مدینہ آنے پر فرمائی تھی میں نے پلے باندھ لی اور اس پر مسلسل عمل کرتا ہوںاور سوائے جائز حق کے مال خرچ نہیں کرتا۔ (8)
جیسا کہ بعد کے واقعات سے ظاہر ہے اس کے بعد سے حضرت عمرؓ کا حضرت صہیبؓ کے ساتھتعلق مزیدگہرا ہوا۔ چنانچہ حضرت عمرؓ نے وصیت فرمائی تھی کہ ان کا جنازہ حضرت صہیبؓ پڑھائیں گے اور جب تک نیا خلیفہ منتخب نہیں ہوجاتا نمازوں کی امامت بھی وہی کروائیں گے۔
روایات حدیث
حضرت صہیبؓ روایت حدیث میں احتیاط سے کام لیتے تھے ایک دفعہ فرمایا کہ خدا کی قسم!میں تم کو حدیث سناتے ہوئے جب کہتا ہوں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا تو وہی باتیں سناتا ہوں جوآپ نے فرمائیں او رجب آپ کی جنگوں کے حالات سنائوںجن میں شامل ہوا توکچھ اپنے تاثرات بھی اس میں شامل ہوتے ہیں۔
حضرت صہیب ؓکی چند ایک روایات ذخیرہ احادیث میںملتی ہیں جو حضرت عمرؓ سے مروی ہیں۔ جن سے آپؐ کی محبت الٰہی کا خاص طور پر اظہار ہوتا ہے ۔ اہل جنت کو خدا تعالیٰ کا دیدار کروانے سے متعلق ہے۔
حضرت صہیبؓ بیان کرتے ہیں کہ ایک دفعہ آنحضرتﷺنے یہ آیت پڑھی۔
(یونس: 27 )
کہ وہ لوگ جو احسان کرتے ہیں ان کو نیکی کے بدلہ کے علاوہ کچھ زیادہ بھی ملے گا۔ آنحضرتﷺنے ایک موقع پر اس زیادہ کی تشریح کرتے ہوئے فرمایا جب جنتی جنت میں داخل ہو جائیں گے اور اہل ناردوزخ میں تو ایک اعلان کرنے والا اعلان کرے گا کہ اے جنت والو! اللہ تعالیٰ تم سے اپنا وعدہ پورا کرنے والا ہے۔ اہل جنت حیران ہونگے کہ وہ کونسا وعدہ ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے ہمارے اعمال کے بدلہ میںہمیں جنت تو دے دی۔ ہمارے چہرے بھی روشن کر دئے۔ اور آگ سے بچا لیا اس سے بڑھ کر اور کونسا وعدہ ہوگا؟ابھی وہ یہ اظہار کر ہی رہے ہونگے کہ اللہ تعالیٰ اپنا حجاب ہٹائے گا اور جب وہ خدا تعالیٰ کا دیدار کریں گے تو لطف و محبت کی ایسی لہریں ان کے سینہ سے اٹھیں گی کہ جن سے بڑھ کر کوئی چیز ان کی آنکھوں کو ٹھنڈا کرنے والی نہیں ہوگی۔(9 )
راضی برضا
ایک اور روایت جو حضرت صہیب ؓ بیان کرتے تھے اس کا تعلق بھی راضی برضا رہنے سے ہے۔ ان کا بیان ہے کہ آنحضرتﷺایک موقع پر مسکرار ہے تھے جس کے بعد صحابہ سے فرمایا کہ کیا تم مجھ سے پوچھو گے نہیں کہ میں کیوں مسکرایاہوں ؟صحابہ نے عرض کیایا رسول ؐاللہ آپ ؐ ہی بیان فرمائیں۔ فرمایا کہ میں مومن کے حال پر ہنستا ہوں کہ اس کا حال بھی عجب ہے اس کے سب کام خیر ہی خیر ہوتے ہیں اور یہ بات مومن کے علاوہ اور کسی کو نصیب نہیں ہوتی کیونکہ مومن رضا بالقضاء کے مقام پر ہوتا ہے۔ جب اسے خوشی پہنچتی ہے تو وہ شکرکرتا ہے اور اس کا اجر پاتا ہے اور جب تکلیف پہنچتی ہے تو صبر کرتا ہے اور اللہ تعالیٰ اسے اس کی جزا عطا کرتا ہے۔ گویا حالت عسر ہو یا حالت یسر،مومن کیلئے ہر حال میںخیرہی خیر ہے۔ (10)
خدااور قرآن سے محبت
ایک اور روایت سے قرآن کے ساتھ حضرت صہیبؓ کی محبت کا اندازہ ہوتا ہے وہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺنے فرمایا وہ شخص جو ان باتوں سے جن سے قرآن نے منع کیا ہے نہیں رکتاوہ حقیقی معنوںمیں قرآن پر ایمان نہیں لاتا۔ اس سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ آپ خود کس حد تک قرآن کے احکامات کے پابند تھے۔
حضرت صہیبؓ ایک دعا رسول کریمؐ سے بیان کرتے تھے جو اللہ تعالیٰ پر توکل سے تعلق رکھتی ہے وہ دعا یہ ہے ۔ اَللَّھُمَّ َبِکَ اَحُولُ وَبِکَ اَصُولُ وَ بِکَ اُقَا تِلُ۔ حضرت صہیبؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول کریم ؐدشمن سے مقابلہ کے وقت یہ دعا پڑھتے تھے ۔ اے اللہ ! تیری مدد سے میں تدبیر کرتا ہوں اور تیری تائید سے میں حملہ کا جواب دیتا ہوں اور تیرے نام سے ہی لڑتا ہوں۔ (11)
حضرت عمر ؓ کی وفات کے بعد ان کی وصیت کے مطابق حضرت صہیبؓ نے ان کی نماز جنازہ پڑھائی اور انتخاب ہونے تک تین دن حضرت صہیبؓ مسجد نبوی میں نمازیں پڑھاتے رہے۔ (12)
خود حضرت صہیبؓ شوال 38ھ میں فوت ہوئے۔ آپ کی عمر ستریا بہترسال بیان کی جاتی ہے۔ جنت البقیع میں دفن ہوئے۔ آپ کی وفات سے ایک اور روشن ستارہ ڈوب گیا۔ جو محبت الٰہی ، صلہ رحمی،اخوت و محبت،سخاوت اور صداقت کے اخلاق فاضلہ سے روشن تھا۔ اللہ تعالیٰ آپ کو کروٹ کروٹ جنت نصیب کرے۔اور ہمیں آپ کے پاکیزہ اخلاق قائم کرنے والا بنادے۔ آمین
حوالہ جات
1-
ابن سعد جلد3ص 226
2-
ابن سعد جلد 3ص 227،اصابہ جز3ص254
3-
اسد الغابہ جلد3ص 33،
4-
مجمع الزوائد جلد 9ص 305
5-
ابن سعد جلد 3ص 228
6-
مجمع الزوائد جلد9ص 306الاصابہ جز2ص 255
7-
منتخب کنز العمال برحاشیہ جلد5ص202
-8
اسد الغابہ جلد 3 ص 33-34،منتخب کنزالعمال برحاشیہ مسندجلد5ص202
9-
ابن ماجہ مقدمہ
10-
مسلم کتاب الزھد باب المؤمن امرہ خیر
11-
مسند احمد حدیث صہیبؓ باقی مسند الانصار22802
12-
ابن سعد جلد 3ص 229


حضرت عبداللہ بن مسعودؓ
حضرت عبد اللہ بن مسعودؓبھی ہمارے آقا ومولیٰ حضرت محمدﷺکی قوت قدسیہ کا ایک عجیب نشان تھے۔ بظاہر پستہ قد اور سانولے رنگ کے اس چرواہے کو آنحضرتﷺنے اپنے فیض صحبت میں لیا اور آسمان روحانیت کا ایک روشن ستارہ بنادیا۔ حضرت عبداللہ بن مسعودؓ نے ایک طرف علم وعمل کی معراج حاصل کی تو دوسری طرف کوفہ کی گورنری کے منصب تک پہنچے۔
نام ونسب اور قبول اسلام
حضرت عبداللہ بن مسعوؓد قبیلہ بنو ھذیل سے تعلق رکھتے تھے ۔ کنیت ابو عبد الرحمان تھی۔ آپؓ کی والدہ ام عبداللہ بنت عبدود کو اسلام قبول کرنے اور صحابیہ ہونے کا شرف بھی حاصل ہوا۔ (1)
حضرت عبد اللہؓ کو بہت ابتدائی زمانے میں دارارقم میں ہی چھٹے نمبر پر اسلام قبول کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ آپؓ خود اپنے قبول اسلام کا واقعہ اس طرح بیان کرتے ہیں کہ زمانہ جاہلیت میں عقبہ بن ابی مُعیط کی بکریاں چرایا کرتا تھا ۔ اسی دوران نبی کریمؐ اور حضرت ابوبکرؓ میرے پاس تشریف لائے۔ ان کے اعلیٰ اخلاق اور بعض نشانات کو دیکھ کر اسلام قبول کرنے کی توفیق عطا ہوئی۔
شوق علم
حضرت عبداللہؓ نے حضورﷺکو کچھ قرآنی آیات پڑھتے سنا تو آپ سے عرض کیا کہ مجھے بھی یہ کلام سکھادیں۔نبی اکرمﷺنے آپؓ کا شوق علم دیکھ کر حوصلہ افزائی کی اور حوصلہ بڑھاتے ہوئے فرمایاکہ ’’تمہارے اندر تو سیکھنے کی استعداد خوب ہے‘‘(2)
چنانچہ حضرت عبد اللہؓ نے نبی کریمﷺ سے کلام الٰہی کا درس لیا۔ خود بیان کرتے ہیںکہ اس کے بعد میں نے خود حضورﷺسے ستّر سورتیں سیکھیں۔ اور ایک زمانہ تھا کہ صحابہ میں سے کسی کو اتنی سورتیں یا د نہ تھیں۔حضرت علی ؓ فرماتے تھے کہ اللہ کی کتاب کو سب سے پہلے زبانی یاد کرکے پڑھنے والے عبداللہؓ بن مسعود تھے۔(3)
دعوت الی اللہ کا جذبہ
حضرت عبداللہؓ بن مسعود کو مکے میں مخالفت کے ابتدائی دور میں سرداران قریش کو قرآن شریف کی تلاوت بآواز بلندسنانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ یہ شرف و سعادت اخلاص و قربانی کے جس جذبے سے ان کے حصے میں آئی اس کا واقعہ بہت دلچسپ ہے۔ ہوا یوں کہ چند صحابہ ؓ رسولؐ جمع ہوئے اور دعوت الی اللہ کے حوالہ سے ذکر یہ چلا کہ ابھی تک ہم نے مخالفین کو قرآن شریف بلند آواز سے کبھی نہیں سنایا۔حضرت عبد اللہؓ بن مسعود نے بڑے شوق سے یہ پیش کش کی کہ وہ بذات خود اس خدمت کیلئے تیار ہیں۔ دیگر صحابہؓ کی یہ رائے تھی کہ اگر کوئی ایسا شخص یہ کام اپنے ذمہ لے جس کا قبیلہ دعوت الی اللہ کے اس متوقع مخالفانہ رد عمل کی صورت میں اس کا دفاع بھی کر سکے تو یہ زیادہ مناسب ہوگا۔ کیونکہ عبداللہؓ بن مسعود کے کمزور خاندان کے باعث انہیں زیادہ سخت رد عمل کا خدشہ تھا مگر عبداللہ بن مسعوؓد فرمانے لگے کہ آپ لوگ اس کی فکر نہ کریں۔اللہ تعالیٰ خود میری حفاظت فرمائے گا۔ اور دوسرے دن چاشت کے وقت اس بہادر اور نڈر داعی الی اللہ نے خانہ کعبہ میں جاکر قریش کی مجلس کے قریب مقام ابراہیم پر سورۃ رحمان کی تلاوت شروع کردی۔ پہلے تو وہ لوگ غورسے سنتے رہے پھر جب پتہ چلا کہ کلام پاک ان کو سنایا جارہا ہے تووہ اٹھے اور حضرت عبداللہ بن مسعوؓد کو آن دبوچا اور خوب ان کی پٹائی کی۔ مگر ابن مسعوؓد ایک عجیب خداداد استقامت کے ساتھ تلاوت کرتے چلے گئے یہاں تک کہ سورۃ رحمان کی تلاوت مکمل کرکے ہی واپس آئے صحابہؓ نے کہا کہ ہمیں اسی مار پٹائی کا اندیشہ تھا۔ عبداللہؓ بن مسعود بولے خدا کی قسم جب میں قرآن شریف کی تلاوت کر رہا تھا تو دشمن مجھے سخت بے حقیقت معلوم ہوتے تھے اور گر کہو تو کل پھر سرداران قریش کے مجمع میں جاکرقرآن شریف کی تلاوت بآواز بلند سنائوں صحابہؓ نے کہا بس یہی کافی ہے۔(4)
ہجرت اور خدمت رسولؐ
مکہ میںمخالفت زیادہ ہوئی تو پہلے حضرت عبداللہ بن مسعودؓ کو ملک حبشہ کی طرف ہجرت کرنے کی توفیق ملی بعد میں آپ نے مدینہ ہجرت فرمائی۔(5)جب ہجرت کرکے مدینہ تشریف لائے تو حضرت معاذ بن جبلؓ کے ہاں ٹھہرے مکے میں آپ کی مواخات حضرت زبیر بن العوامؓ سے ہوئی تھی اور مدینے میں معاذبن جبلؓ آپ کے دینی بھائی بنے مدینہ کے ابتدائی زمانے میں آپ کے مالی حالات اچھے نہیں تھے۔ چنانچہ حضورﷺنے جب مہاجرین کیلئے مسجد نبوی کے قریب رہائش کا کچھ انتظام کیا تو بنوزہرہ کے بعض لوگوںنے عبداللہ بن مسعوؓد کو اپنے ساتھ رکھنے میں کچھ ہچکچاہٹ ظاہر کی۔ آنحضرتﷺکو علم ہوا توآپ نے اپنے اس غریب اور کمزور خادم کے لئے غیرت دکھاتے ہوئے فرمایا کہ خدا نے مجھے اس لئے مبعوث فرمایا ہے یاد رکھو خدا تعالیٰ اس قوم کو کبھی برکت عطا نہیں کرتا جس میں کمزور کو ا سکا حق نہیں دیا جاتا۔اور پھر حضورؐ نے ابن مسعوؓدکو مسجد کے قریب جگہ عطا فرمائی جبکہ بنو زہرہ کو مسجد کے پیچھے ایک کونے میں جگہ دی۔ (6)
حضرت عبداللہؓ بن مسعود آغاز اسلام سے ہی رسول کریمﷺکی ذاتی خدمت سے وابستہ ہوگئے تھے اور سفر وحضر میں حضورﷺکی خاطر بظاہر چھوٹی مگر بنیادی اور اہم خدمات بجالایا کرتے تھے ۔ مثلاً رسولؐ اللہ کی مسواک وضواورغسل کیلئے پانی کابروقت مہیا کرنا۔ بیٹھنے کیلئے بچھونے اور آرام کیلئے بستر کا انتظام کرنا۔ وقت پر بیدار کرنا غسل کیلئے پردے کا اہتمام کرنا اور حضورﷺ کے جوتے سنبھالنا وغیرہ۔ اسی بناء پر ابن مسعوؓد’صاحب السواک‘، ’صاحب الوسادہ‘ اور’ صاحب النعلین‘ کے القاب سے بھی یاد کئے جاتے تھے۔(7)ان خدمات کے باعث ان کا اکثر حضورﷺ کے گھر میں آنا جانا رہتا تھا۔ اور رسول کریمﷺنے آپؓ کو اپنے گھر میں آنے کی خصوصی اجازت عطا کرتے ہوئے فرمایا تھا کہ جب آپ میری آواز سن رہے ہوں اور دروازے کے آگے پردہ نہ ہو تو آپ ؓ کوگھر کے اندر آنے کی اجازت ہے سوائے اس کے میں خود کسی وقت رو ک دوں۔(8)
معلوم ہوتا ہے کہ یہ پردہ کے احکام کے نازل ہونے سے پہلے کی بات ہوگی جیسا کہ نبی کریمؐ کے ایک اور خادم حضرت انسؓ کا بیان ہے کہ میں حضورﷺ کے گھر آیا جایا کرتا تھا۔(9)بہرحال حضرت عبداللہؓ بن مسعود کا آنحضرت ﷺکے گھر آناجانا اس کثرت سے تھاکہ حضرت ابوموسیٰ اشعریٰؓ بیان کرتے ہیں کہ میں اور میرا بھائی جب یمن سے مدینہ آئے تو ابتدائی زمانہ میں ہم عبداللہ بن مسعوؓد کو خاندان نبویؐ کاہی ایک فرد سمجھتے رہے۔ کیونکہ ان کو اور ان کی والدہ کو ہم اکثر حضورﷺ کے گھر آتے جاتے دیکھتے تھے۔ (10)
الغرض عبداللہ بن مسعودؓ نے آنحضرتﷺکا دامن مضبوطی سے پکڑا اور آپؐ سے سیکھا اور خوب سیکھا۔
حسن تلاوت اور بے ریاسجدہ
حضرت ابن مسعودؓرسول کریمﷺ کی پاکیزہ صحبت اور تربیت کے نتیجہ میں ایک عبادت گزار راستباز اور عالم باعمل انسان بن گئے۔ حضرت عمرؓ ان کی عبادت گزاری اور حسن تلاوت کا ایک بہت ہی خوبصورت واقعہ بیان کرتے ہیں کہ ایک دفعہ رات کے وقت حضرت ابوبکرؓ اور میں نبی کریمﷺ کے ساتھ مدینہ میں گشت کیلئے نکلے ۔دریں اثناء عبداللہؓ بن مسعود کے پاس سے ہمارا گز ر ہواوہ نفل نماز میں قرآن شریف کی تلاوت کررہے تھے۔ نبی کریمﷺ کھڑے ہوکر ان کی تلاوت سنتے رہے۔ پھر عبداللہ بن مسعوؓد رکوع میں گئے اور سجدہ کیا اور یہ دعائیں کی کہ اے اللہ مجھے ایمان اور نہ ختم ہونے والایقین عطا کر اور نبی کریمﷺکی رفاقت اگلے جہاں میں نصیب فرما۔آنحضرتﷺ نے فرمایا کہ اے عبداللہؓ اب جو مانگو گے وہ تمہیں عطا کیا جائے گا اور جو بھی دعا کرو گے قبول ہوگی گویا
چل رہی ہے نسیم رحمت کی جو دعا کیجئے قبول ہے آج
پھر نبی کریمﷺوہاں سے روانہ ہوئے تو یہ فرمایا’’ جس شخص کو یہ بات خوش کرے کہ وہ قرآن شریف کو اس طرح تروتازہ پڑھے جس حال میں وہ نازل کیا گیا ہے۔ تو اسے عبداللہ بن مسعود ؓ سے قرآن شریف سیکھنا چاہیے۔‘‘
روح مسابقت
حضرت عمرؓ بیان کرتے ہیں کہ میں صبح منہ اندھیرے اٹھااور عبداللہؓ بن مسعود کو رسول اللہﷺ کی یہ بشارت سنانے ان کے گھر پہنچا اور دروازے پر دستک دی وہ بولے آپ کا رات کے اس وقت میں کیسے آنا ہوا؟میںنے کہا آپؓ کو نبی کریمﷺکی ایک بشارت پہنچانے آیا ہوں عبداللہ بن مسعوؓد کہنے لگے کہ حضرت ابوبکرؓ آپ سے پہلے وہ بشارت مجھے پہنچا بھی چکے ہیں۔ حضرت عمرؓ کہتے ہیں کہ میں نے کہااگر ابوبکرؓ نے ایسا کیا ہے تو یہ انہی کا حق تھا کیونکہ وہ تو نیکیوں میں بہت ہی سبقت لے جانے والے ہیں۔ کبھی بھی کسی نیکی کے بارے میں ہمارا مقابلہ نہیں ہوا مگر ہمیشہ ہی ابوبکرؓ ہم سے آگے بڑھ گئے۔(11)
عائلی زندگی
حضرت عبداللہ بن مسعوؓد کی شادی بنو ثقیف کے ایک اچھے گھرانے میں ہوئی۔ آپ کی اہلیہ حضرت زینبؓ بنت عبداللہ مدینہ کی ایک مخیرخاتون تھیں وہ حضرت عبداللہؓ پراپنا مال خرچ کیا کرتی تھیں۔ ان کا اپنا بیان ہے کہ ایک دفعہ نبی کریمﷺنے خواتین کو صدقے کی تحریک فرمائی۔ میرے میاں عبداللہؓ کے مالی حالات کمزور تھے میں نے ان سے پوچھا کہ جو صدقہ میں نے کرنا ہے اگر میں وہ آپ پر خرچ کردوں تو کیا اس کا مجھے ثواب ملے گا ؟انہوںنے کہا تم خود آنحضرتﷺسے پوچھ لو۔ وہ کہتی ہیں کہ میں حضورﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئی تو کیا دیکھتی ہوں کہ ایک اور انصاری عورت زینب نامی یہی مسئلہ پوچھنے آئی ہوئی تھی۔ ہم نے حضرت بلال ؓ سے کہا کہ آپؓ ہی ہمیں آنحضورﷺ سے اس سوال کا جواب لادو مگر ہمارے نام کا ذکر نہ کرنا۔ بلالؓ نے جا کر جب حضورؐ سے دریافت کیا تو حضورﷺ نے فرمایا پوچھنے والی کون ہیں؟بلال ؓ نے عرض کیا حضور زینب ہیں حضورؐ نے پوچھا کون سی زینب؟بلالؓ نے عرض کیا ایک توعبداللہ بن مسعوؓد کی بیوی زینبؓ اور دوسری زینبؓ انصاریہ۔آپؐ نے فرمایا ہاں ان دونوں کو بتادو کہ ان کو دوہرا اجر ملے گا۔ ایک رشتہ دار سے حسن سلوک کا اجر دو سرا صدقے کا اجر۔(12)
میدان بدر کے غازی
مدنی دور میں حضرت عبداللہ بن مسعودؓ کو جملہ غزوات النبیؐ میں حضورﷺ کے ساتھ شرکت کی سعادت نصیب ہوئی۔ جنگ بدر میں دشمن اسلام ابو جہل کو ان کے آخری انجام تک پہنچانے میں آپ کا بھی حصہ ہے اور وہ اس طرح کہ جنگ ختم ہوئی تو رسو ل کریمؐنے فرمایا کوئی ہے جو ابو جہل کے بارہ میں صحیح خبر معلوم کرکے آئے۔عبداللہ بن مسعوؓدتعمیل ارشاد کیلئے گئے کیا دیکھتے ہیں کہ میدان بدر میں دشمن رسولؐ ابوجہل (جسے حضرت عفراء ؓ کے بیٹوں نے تلواروں سے حملہ کرکے بری طرح زخمی کیا تھا)جان کنی کے عالم میں پڑا ہے۔ ابن مسعودؓنے اس سے فرمایا کہ کیا تم وہی بدبخت اور گمراہ کرنے والے بوڑھے ابوجہل ہو۔اس بدبخت کو آخری لمحات میں بھی اپنے فخرو غرور سے نجات نہ ملی تھی۔ کہنے لگا کیا مجھ سے بھی بڑا کوئی سردار تم نے ماراہے؟گویایہ طعنہ دیا کہ مجھ سے بھی بڑا کوئی سردار ہوگا جسے اس کی قوم نے مار دیا ہو۔(13)عبداللہ ؓبن مسعود کہتے ہیں تب میں نے اس کا کام تمام کردیا۔
غزوہ احد میں بھی حضرت عبداللہ ؓبن مسعود شامل تھے۔ بلکہ احد کے بعد کفار قریش کا تعاقب کرنے والے ان زخمی صحابہ میں بھی شامل تھے جن کی تعریف کرکے قرآن شریف میں ان کیلئے اجر عظیم کا وعدہ فرمایا گیا ہے۔(14)
امارت کوفہ اور اطاعت خلافت
حضر ت نبی کریمﷺکی وفات کے بعد عبداللہؓ بن مسعود نے شام کی فتوحات میں شریک ہونے کی سعادت پائی اور پھر حمص میں قیام پذیر ہوگئے۔ حضرت عمرؓ نے آپ کو وہاں سے بلوا کر اہل کوفہ کی تعلیم وتربیت کیلئے بطور مربی مقرر فرمایا۔اس وقت کوفہ کے امیر حضرت عمار ؓبن یاسر تھے(15)
حضرت عمرؓ نے اہل کوفہ کو لکھا کہ اس خدا کی قسم جس کے سواکوئی معبود نہیں میں نے عبداللہؓ بن مسعود کو تمہاری تعلیم و تربیت کیلئے اپنی طرف سے ایثار کرکے بھیجاہے۔ وگرنہ مرکز اسلام مدینہ میں ایسے عالم دین کی زیادہ ضرورت تھی پس تم ان سے خوب علم سیکھو۔(16)
بعد میں حضرت عثمانؓ نے آپ کو کوفہ میں امیر مقرر فرما دیا اورقضاء اور بیت المال کی ذمہ داریاں بھی آپ کے سپرد رہیں۔ پھر جب بعض مصالح کی بناء پر حضرت عثمانؓ نے آپ کو امارت سے ہٹاکر مدینے واپس بلایاتو کوفہ والے آپ کو واپس جانے نہ دیتے تھے اور کہتے کہ آپ یہیں رہیں۔ یہ ہماری ذمہ داری ہے کوئی آپ کا بال بیکا نہیں کرسکتا۔اس پر حضرت عبداللہ بن مسعودؓ نے فرمایا کہ خلیفہ وقت حضرت عثمانؓ کی اطاعت مجھ پر واجب ہے اور میں ہر گز گوارا نہیں کر سکتا کہ ان کی نافرمانی کرکے فتنہ کا کوئی دروازہ کھولوں۔(17)اور یوں آپ خلیفہ وقت کی کامل اطاعت کا مظاہر ہ کرتے ہوئے مدینہ واپس آگئے۔
فکر عاقبت
حضرت ابن مسعودؓمدینہ آکر ایک دفعہ بیمار ہوگئے تو سخت گھبراہٹ طاری ہوئی صحابہؓ نے کہا کہ ہم نے توکبھی کسی بیماری میں آپ کو ایسا پریشان نہیں دیکھا جیسا اس بیماری میں آپ فکر مند ہوئے ہیں۔ فرمانے لگے اس بیماری نے مجھے اچانک آن دبوچا ہے اور میں ابھی اپنے آپ کو آخرت کے سفر کیلئے تیار نہیں پاتا اسلئے زیادہ پریشان ہوں۔(18)
نبی کریمﷺ نے آپؓ کو جنت کی بشارت دی تھی۔پھر بھی خداخوفی اور انکسار کا یہ عالم تھا کہ کہا کرتے تھے’’ اے کاش مرجانے کے بعد اٹھایا نہ جائوں اور حساب کتاب سے بچ جائوں۔‘‘(19)
فراخی میں سادگی
حضرت ابن مسعودؓکے مالی حالات خداتعالیٰ کے فضل سے اتنے اچھے ہوگئے تھے کہ آخری عمر میں آپ نے اپنا وظیفہ لینا بھی چھوڑ دیا تھا۔
اس فارغ البالی کی حالت میں جبکہ نوے ہزار درہم آپ کا ترکہ تھا۔ اپنے کفن کے بارے میں یہی وصیت کی کہ وہ سادہ چادروں کا ہوا ور قیمتی نہ ہو۔ نیز یہ خواہش کی کہ عثمان ؓ بن مظعون جوابتدائی زمانہ اسلام میں قربانی کرنے والے صحابی جو جوانی میں ہی اللہ کو پیارے ہوگئے تھے ان کے پہلومیں انہیں دفن کیا جائے۔(20)
سفر آخرت اور وصیت
حضرت ابن مسعودؓ کی وفات سے چند روز قبل ایک شخص نے مدینہ آکر انہیں اپنی خواب سنائی کہ نبی کریمﷺمنبر پر تشریف فرما ہیں اور عبداللہؓ بن مسعود نیچے بیٹھے ہیں حضورﷺفرما رہے ہیں کہ اے ابن مسعودؓ اتنی بھی کیا بے مروتی ہے بس اب میرے پاس آجائو۔ آپ نے اس شخص کو قسم دے کر پوچھا کہ کیا واقعی تم نے یہ خواب دیکھی ہے ۔ پھر فرمایا کہ اب میرا جنازہ پڑھے بغیر مدینہ سے واپس نہ جانا اور اس کے چند روز بعد ہی ان کی وفات ہوگئی۔(21)
یہ 32ھ کاواقعہ ہے جب کہ ا ٓپ کی عمرساٹھ برس سے کچھ اوپر تھی ۔ حضرت عثمانؓ نے آپؓ کی نماز جنازہ پڑھائی اور جنت البقیع میں دفن ہوئے۔ (22)
آپ نے اپنی آخری وصیت میں اپنے غلاموں کے ساتھ بھی احسان کی ہدایت کی کہ جو غلام پانچ سودرہم کی معمولی رقم ادا کردے اسے آزاد کر دیا جائے۔ اپنے دینی بھائی حضرت زبیرؓ بن العوام کے ساتھ نبی کریم ﷺ کی قائم فرمودہ موأخات کا حق بھی خوب ادا کیا۔ ان پر کامل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے وصیت فرمائی کہ میرے جملہ مالی امور کی نگرانی اور سپردداری حضرت زبیربن العوامؓ اور ان کے صاحبزادے حضرت عبداللہ بن زبیرؓ کے ذمہ ہوگی اور خاندانی معاملات میں ان کے فیصلے قطعی اور نافذ العمل ہوں گے۔ کسی بیٹی کی شادی ان دونوں کے مشورے کے بغیر نہیں ہوگی البتہ ان کی بیوہ زینبؓ پر ایسی کوئی پابندی نہیں۔ (23)
اخلاق فاضلہ
حضرت ابن مسعودؓ کی وفات پر حضرت ابو موسیٰؓ نے ابو مسعودؓ سے کہا آپ کا کیا خیال ہے عبداللہ بن مسعودؓ نے اپنے بعد ایسی خوبیوں والا اور کوئی شخص پیچھے چھوڑا ہے۔ ابو مسعوؓد کہنے لگے کہ بات یہ ہے کہ یہ شرف و سعادت تو واقعی انہیں حاصل ہے کہ نبی کریمﷺکی خدمت میں جب ہم حاضر نہیں ہوسکتے تھے تو یہ آپؐ کی خدمت کی توفیق پاتے اور آپؐ کی صحبتوں سے فیضاب ہوتے تھے۔(24)
حضرت عبداللہؓ بن مسعود بہت عابد و زاہد انسان تھے اور اس لحاظ سے صحابہ میں ان کا ایک خاص مقام تھا آپ کی صحبت میں بیٹھنے والے تمیم بن حرام کا کہنا ہے کہ میں کئی صحابہ کی مجالس میں بیٹھا ہوں مگر عبداللہ بن مسعوؓد کی دنیا سے بے رغبتی اور آخرت سے رغبت کی اپنی ہی شان تھی اور ان کا یہ انداز اور طریق مجھے بہت ہی بھلا معلوم ہوتا تھا۔ (25)
حضرت عبداللہ ؓ کے علمی مرتبہ کااندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ نبی کریمﷺ نے جن چار بزرگ صحابہؓ سے قرآن کریم پڑھنے اور سیکھنے کی ہدایت فرمائی ان میں پہلے نمبر پر عبداللہ بن مسعوؓد کا نام تھا۔حضرت عبداللہؓ بن عمر کہا کرتے تھے کہ جب سے میں نے نبی کریمﷺسے قرآن سکھانے والوں میں پہلے نمبر پر عبداللہ بن مسعوؓد کا نام سنا ہے اس وقت سے مجھے ان سے ایک دلی محبت ہے۔(26)
علمی مرتبہ
حضرت ابن مسعودؓ کے علمی مقام اور مرتبہ کا اندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ جب معاذ بن جبلؓ کی وفات کا وقت آیا اور ان سے درخواست کی گئی کہ ہمیں کوئی نصیحت کریں تو انہوں نے فرمایا کہ علم اور ایمان کا ایک مقام ہے۔ جو بھی ان کو حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے کامیاب ہوتا ہے پھر علم اور ایمان سیکھنے کیلئے معاذ بن جبلؓ نے جن چار عالم باعمل بزرگوں کے نام لئے ان میں عبداللہ بن مسعوؓد کا نام بھی تھا۔(27)
اللہ تعالیٰ نے ابن مسعوؓد کو دین کی سمجھ اور اجتہاد کی بصیرت سے نوازا تھا او راس کے ذریعہ وہ امت کی رہنمائی فرماتے تھے ۔ حضرت عمرؓ جیسے بزرگ خلیفہ بھی آپ کی علمی مرتبت کی وجہ سے آپ کا احترام فرماتے اور قدر کی نگاہ سے دیکھتے تھے ۔ چنانچہ حضرت زید ؓ بن وہب بیان کرتے ہیں کہ ایک دفعہ ہم امیر المومنین حضرت عمرؓ کی مجلس میں بیٹھے ہوئے تھے کہ ایک دبلا پتلا پستہ قد شخص مجلس میں آیا ان کی طرف دیکھ کر حضرت عمرؓ کا چہرہ تمتما اٹھا اور فرمانے لگے علم سے بھرا ہوابرتن،علم سے بھرا ہوا برتن۔ آپ نے یہ الفاظ تین دفعہ فرمائے اور جب وہ بزرگ قریب آئے تو ہم نے دیکھاکہ وہ بزرگ حضرت عبداللہ بن مسعودؓ تھے۔(28)
سنت رسولﷺ کی پابندی
حضرت عبداللہ بن مسعوؓد سنت نبویؐ پر خوب کاربندتھے ایک دفعہ حضرت عائشہؓ سے پوچھا گیا کہ رسول کریمﷺ کے دو صحابہ میںسے ایک صحابی روزہ افطار کرنے میں بھی جلدی کرتا ہے یعنی غروب آفتاب کے ساتھ ہی افطار کرتا ہے اور نماز بھی جلدی ادا کر لیتا ہے۔(یعنی غروب آفتاب کے معاً بعد) ۔جبکہ ایک دوسرے صحابی یہ دونوں کام نسبتاً تاخیر سے کرتے ہیں۔ حضرت عائشہؓ نے پوچھا کہ جلد ی کون کرتا ہے بتایا گیا کہ عبداللہ بن مسعوؓد ایساکرتے ہیں۔ حضرت عائشہ ؓنے فرمایا کہ نبی کریمﷺ کا بھی یہی دستور تھا۔(29)
سنت رسولﷺپر عمل کرنے کے شوق و جذب کا یہ عالم تھا کہ رسول اللہ ﷺکی وفات کے بعد صحابہؓ سے جب یہ سوال کیا جاتا کہ نبی کریمﷺ سے عادات و خصائل اور سیرت و شمائل کے لحاظ سے آپؐ کے صحابہ میں سے قریب ترین کون ہے جس کا طریق ہم بھی اختیار کریں تو حضرت حذیفہؓ بیان فرماتے تھے کہ میرے علم کے مطابق چال ڈھال گفتگو اور اخلاق واطوار کے لحاظ سے عبداللہؓ بن مسعود نبی کریمﷺ کے سب سے زیادہ قریب ہیں۔ شاید یہی وجہ ہے کہ نبی کریمؐ فرماتے تھے کہ مجھے اپنی امت کیلئے وہی باتیں پسند ہیں جو عبداللہ ؓ بن مسعود کو مرغوب ہیں۔(30)
بزرگ صحابہ کہا کرتے تھے کہ عبداللہ بن مسعودؓاللہ تعالیٰ سے قرب اورتعلق میں غیرمعمولی مقام رکھتے ہیں۔ نبی کریمﷺاپنے جن صحابہ کے نمونہ کو مشعل راہ بنانے کیلئے بطور خاص ہدایت فرماتے تھے ان میں حضرت ابوبکرؓ و عمرؓ کے علاوہ عبداللہ بن مسعوؓد کا نام بھی شامل ہے۔ آپ فرماتے عبداللہ بن مسعوؓد کا طریق مضبوطی سے پکڑ لو۔(31)
طہارت ونفاست
نبی کریمﷺکی پاکیزہ صحبت نے مکہ کے اس غریب چرواہے کو ایک نہایت نفیس اور ظاہری و باطنی دونوں لحاظ سے ایک پاک و صاف وجود بنا دیا تھا۔ چنانچہ آپ صفائی پاکیزگی اور نفاست کا غیر معمولی خیال رکھتے تھے۔ ان کے خادم نقیع بیان کرتے تھے کہ حضرت عبداللہ بن مسعوؓد بہترین قسم کا سفید رنگ کا لباس زیب تن فرماتے اور اعلیٰ درجہ کی خوشبو استعمال فرماتے تھے۔ اسی طرح حضر ت طلحہؓ بیان کیا کرتے تھے کہ حضرت عبداللہؓ ایسی اعلیٰ درجہ کی منفرد خوشبو استعمال فرماتے تھے کہ رات کے اندھیرے میں بھی اپنی خاص قسم کی خوشبو سے پہچانے جاتے تھے۔(32)
عالم باعمل
باطنی لحاظ سے نبی کریمﷺ کی صحبت نے حضرت ابن مسعوؓد کو ایک متقی پرہیز گار اور عبادت گزار انسان بنا دیا تھا۔عبادت اور نوافل سے ایسی رغبت تھی کہ فرض نمازوں اور تہجد کے علاوہ چاشت کے وقت کی نماز کا اہتمام بھی فرماتے۔ اسی طرح ہر سوموار اور جمعرات کو نفلی روزہ رکھتے تھے اورپھر بھی یہ احساس غالب رہتا تھا کہ وہ کم روزے رکھتے ہیں۔ فرمایا کرتے تھے کہ اس سے زیادہ روزے اس لئے نہیں رکھتا کہ تہجد وغیرہ کی ادائیگی کیلئے بد ن میںکمزوری محسو س ہونے لگتی ہے۔ اسلئے نماز کو روزے پر ترجیح دیتے ہوئے نسبتاً کم نفلی روزوں کا اہتمام کرتا ہوں۔(33)
حسن خطابت
سنت رسولﷺکے مطابق حضرت ابن مسعودؓ صرف جمعرات کے روز وعظ فرمایا کرتے تھے جو بہت ہی مختصر اور جامع ہوتا تھا اور ان کا بیان ایسا دلچسپ اور شیریں ہوتا تھا کہ حضرت عبداللہ بن مرداسؓ بیان کرتے ہیں کہ حضرت عبداللہ ؓ جب تقریر ختم کرتے تھے تو ہماری خواہش ہوتی تھی کہ کاش ابھی وہ کچھ اور بیان کرتے۔شام کے وقت اس وعظ میں آپ بالعموم نبی کریمﷺکی احادیث میں سے صرف ایک حدیث سنایا کرتے تھے اور حدیث بیان کرتے وقت آپ کے جذب و شوق اور عشق رسولؐ کا منظر دیدنی ہوتا تھا۔ آپ کے شاگرد مسروق کہتے ہیں ایک روز آپ نے ہمیں نبی کریمﷺ کی ایک حدیث سنائی اور جب ان الفاظ پر پہنچے سَمِعْتُ رَسُوْلَ اللّٰہ۔ کہ میں نے خدا کے رسولؐ سے سنا تو مارے خوف اور خشیت سے آپکے بدن پر ایک لرزہ طاری ہوگیا۔یہاں تک کہ آپ کے لباس سے بھی جنبش محسو س ہونے لگی۔ اس کے بعد احتیاط کی خاطر یہ بھی فرمایا کہ شاید حضورﷺ نے یہ الفاظ استعمال فرمائے تھے یا اس سے ملتے جلتے الفاظ۔(34)
حدیث بیان کرتے وقت یہ خشیت اور کمال درجہ احتیاط اس وعید اورگرفت کی وجہ سے معلوم ہوتی ہے جو نبی کریمﷺ نے غلط احادیث بیان کرنے والوں کیلئے بیان فرمائی۔
ایک اورروایت سے بھی ان کی اس احتیاط کا اندازہ ہوتا ہے ۔ عمرو بن میمون بیان کرتے ہیں کہ میں ایک سال تک عبداللہؓ بن مسعود کے پاس آتا جاتا رہا وہ حدیث بیان کرنے میں بہت احتیاط سے کام لیتے تھے۔ ایک دفعہ میں نے دیکھاکہ قال رسول اللہﷺ(یعنی اللہ کے رسول نے فرمایا) کے الفاظ کہہ کر آپ پر ایک عجیب کرب کی کیفیت طاری ہوگئی اور پسینہ پیشانی سے گرنے لگا ۔پھر فرمانے لگے کہ اسی قسم کے الفاظ اور اس سے ملتے جلتے الفاظ حضورﷺ نے فرمائے تھے۔
ایک دفعہ رسول کریمﷺنے مختصر خطاب کے بعد حضرت ابوبکرؓ سے فرمایا کہ اب وہ لوگوں وعظ کریں۔ انہوں نے مختصر وعظ کیا پھر حضرت عمرؓ سے فرمایا تو انہوں نے حضرت ابوبکرؓ سے بھی مختصر وعظ کیا پھر کسی اور شخص سے فرمایا تو اس نے لمبی تقریر شروع کر دی ۔ رسولؐاللہ نے فرمایا بیٹھ جائویا فرمایاخاموش ہوجائو پھر حضورؐ نے عبداللہ بن مسعودؓ سے تقریر کیلئے فرمایا انہوں نے حمدو ثناء کے بعد صرف یہ کہا اے لوگو!اللہ ہمارا رب ہے قرآن ہمارا رہنما بیت اللہ ہمارا قبلہ اور محمدؐ ہمارے نبی ہیں۔دوسری روایت میں ہے انہوں نے کہا ہم اللہ کے رب ہونے اور اسلام کے دین ہونے پر راضی ہیں اور مجھے تمہارے لئے وہ پسند ہے جو اللہ اور اس کے رسولؐ کو پسند ہے۔نبی کریمؐ نے فرمایا ابن مسعودؓ نے د رست کہا مجھے بھی اپنی امت کیلئے وہ پسند ہے جو ابن مسعودؓ نے پسند کیا۔(35)
مقام تقویٰ
حضرت عبداللہ بن مسعودؓبیان کرتے تھے کہ قرآن شریف کی سورۃ مائدہ کی آیت نمبر 94نازل ہوئی جس میںیہ ذکر ہے کہ جو لوگ ایمان لائے اور انہوں نے نیک عمل کئے جب وہ تقویٰ اختیار کریں اور ایمان لائیں اور نیک عمل کریں پھر تقویٰ (میں اور ترقی) کریں اور ایمان لائیں پھر تقویٰ(میں مزید ترقی)کریں اور احسان کریں تو جو کچھ وہ کھائیں اس پر انہیں کوئی گناہ نہیں (ہوگا)اور اللہ احسان کرنے والوں سے محبت رکھتا ہے۔
اس پر رسول اللہﷺنے مجھے فرمایا کہ تم بھی ان خوش نصیب لوگوں میں شامل ہو جن کا اس آیت میں ذکر ہے۔
حضرت عبداللہ بن مسعودؓ بہت دبلے پتلے سانولے رنگ اور پستہ قد کے تھے۔ ایک دفعہ حضورؐ کے ساتھ شریک سفر تھے کہ آپؐ نے انہیں ایک جنگلی درخت سے اس کا پھل(پیلوں)توڑ کر لانے کیلئے فرمایا۔ حضرت عبداللہ بن مسعودؓ نے بکریاں چرانے کے زمانے میں جنگلوں کی خاک چھانی ہوئی تھی اور درختوں پر چڑھنے کا ڈھنگ خوب آتا تھا۔ اس لئے بڑی پھرتی سے درخت پر چڑ ھ گئے۔ بعض لوگ ان کی دبلی پتلی باریک پنڈلیوں کو دیکھ کر ہنسی مذاق کرنے لگے۔نبی کریمﷺکو اپنے اس محبوب صحابی کی غیرت آئی۔ فرمایا کہ عبداللہؓ بن مسعود کی نیکیوں کا پلڑا قیامت کے دن بہت بھاری ہوگا۔ اتنا بھاری کہ احد پہاڑ سے بھی بڑھ کر۔(36)
گویا آپ نے اپنے خدام کو یہ سبق دیا کہ اسلام میں ظاہر سے بڑھ کر باطنی حسن کی زیادہ اہمیت اور قدرومنزلت ہے۔ کہ جو تم میں سب سے زیادہ متقی ہے وہی سب سے زیادہ معزز بھی ہے۔
روایات حدیث
حضرت عبداللہ بن مسعودؓ نے حضرت ابوبکرؓ و عمرؓ سے روایات بیان کی ہیں۔حضرت ابوبکرؓ و عمرؓ و عثمانؓ و علی ان سے بھی روایت کرتے ہیں۔(37)
انہوں نے آغاز اسلام سے ہی اپنے آپ کو آنحضرتﷺکی خدمت کے لئے وقف کر دیا تھا اور حضورﷺکی ذاتی خدمت کی بھی کثرت سے توفیق پائی اور یہ سلسلہ آخری وقت تک جاری رہا۔ اس لحاظ سے آپ نے آنحضرؐت کی پاکیزہ صحبت سے بہت استفادہ کیا اور برکات سے حصہ پایا۔
حضورؐ کی پاک صحبت و تربیت نے عرب کے اس چرواہے کو اس مقام پر پہنچا دیا کہ نبی کریمﷺفرمایا کرتے تھے اگر میں اپنے صحابہ میں سے کسی کو بلامشورہ امیر مقرر کرنا چاہوں تو عبداللہ بن مسعوؓد کو امیر مقرر کروں۔(38)
زبان خلق کی شہادت
حضرت علیؓ اپنے زمانہ خلافت میں جب کوفہ تشریف لے گئے تو اس زمانہ میں عبداللہ بن مسعوؓد وہاں مقیم تھے۔ حضرت علیؓ کی مجلس میں عبداللہؓبن مسعود اور ان کی باتوں کا کچھ تذکرہ ہوا لوگوں نے ان کی تعریف کی اور کہا کہ اے امیر المومنین ہم نے عبداللہؓ بن مسعود سے بڑھ کر بہترین اخلاق والا اورنرمی سے تعلیم دینے والا اور بہترین صحبت اور مجلس کرنے والا اور انتہائی خدا ترس اور کوئی نہیں دیکھا۔ حضرت علیؓ نے بغرض آزمائش ان سب کو مخاطب کرکے فرمایا کہ میں تمہیں اللہ تعالیٰ کی قسم دے کر پوچھتا ہوں کہ سچ سچ بتائو کہ عبداللہ بن مسعودؓ کے متعلق یہ گواہی صدق دل سے دیتے ہو؟ انہوں نے کہاہاں۔آپؓ نے فرمایااے اللہ گواہ رہنا۔ اے اللہ میں بھی عبداللہؓ بن مسعود کے بارہ میں یہی رائے رکھتا ہوں جو ان لوگوں کی ہے بلکہ اس سے بھی زیادہ بہتر رائے رکھتا ہوں۔(39)
اللہ تعالیٰ ہمیں ان بزرگان سلف کی پاکیزہ سیرت اور نیک اقدار زندہ رکھنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ آمین
حوالہ جات
1-
اصابہ جز4ص 129
2-
ابن سعد جلد3ص 150-151
3-
مسند احمد جلد نمبر 3ص 151و منتخب کنزالعمال برحاشیہ مسندجلد5ص 239
4-
اسد الغابہ جلد نمبر3ص 257
5-
الاصابہ جز4ص 129
6-
ابن سعد جلد 3ص151
7-
ابن سعدجلد3ص
8-
اصابہ جز4ص129
9-
مسند احمد جلد نمبر 3ص 238
10-
بخاری کتاب المناقب باب مناقب عبداللہ بن مسعود
11-
مسند احمد جلد نمبر 1ص 38،منتخب کنز العمال برحاشیہ مسند جلد5ص 236
-12
مسند احمد جلد نمبر 3ص 502
-13
بخاری کتاب المغازی غزوہ بدر
-14
ابن سعد جلد3ص153
-15
اصابہ جز 4ص 130
-16
ابن سعدجلد3ص 157
-17
اصابہ جز4ص 130
-18
ابن سعد جلد3ص 158
-19
اکمال ذکر عبداللہ بن مسعود،ابن سعد جلد3ص158
-20
اسد الغابہ جلد3ص 260، ابن سعد جلد3ص 159
-21
اسد الغابہ جلد3ص 260
-22
ابن سعد جلد3ص 160،اکمال ذکر عبداللہ بن مسعود
-23
ابن سعد جلد3ص 159
-24
ابن سعد جلد3ص 160
-25
الاصابہ جز4ص 130
-26
بخاری کتاب المناقب مناقب عبداللہ ؓبن مسعود،مسند احمد جلد نمبر 2ص ف163
-27
مسند احمد جلد نمبر 5ص 243
-28
ابن سعدجلد3ص 156
-29
مسند احمد جلد نمبر 6ص 48
-30
بخاری کتاب المناقب
-31
ترمذی ابواب المناقب،منتخب کنز العمال برحاشیہ مسندجلد5ص 235
-32
ابن سعدجلد3ص 157
-33
ابن سعد جلد3ص 155
-34
ابن سعد جلد3ص 156
-35
مسند احمد جلد نمبر 3ص 156،منتخب کنز العمال برحاشیہ جلد 5ص 238
-36
مسند احمد جلد نمبر 1ص 114
-37
ابن سعد جلد3ص 160،اکمال زکر عبداللہؓ بن مسعود
-38
ترمذی ابوب المناقب
-39
ابن سعدجلد3ص 156


حضرت بلال بن رباح ؓ
نام ونسب
بلال نام بظاہر ایک سیاہ فام حبشی تھے ۔لمبے قد کے دُبلے پتلے،موٹے ہونٹ ،موٹی ناک سوکھے گال گھنے بال۔ مکے کے خاندان بنی جمح کی لونڈی حمامہ کے ہاں پیدا ہونے والے اس بچے سے کسی کو کیا رغبت اور دلچسپی ہوسکتی تھی؟کون کہہ سکتاتھا کہ ایک دن یہ غلام زادہ اپنے مالکوں کا آقا بنادیا جائے گا۔ محمدمصطفٰی ؐکی قوت ِ قدسیہ نے اس ناممکن کو کیسے ممکن بنایا؟ اس سوال کا جواب حضرت بلالؓ کی سچی کہانی ہے۔ سعادتِ ازلی نے بلال ؓ کی دستگیری کی۔ رسول اللہ ؐنے دعویٔ نبوت فرمایا تو بلال ؓ اولین ایمان لانے والوں میں شامل ہوگئے۔ پھر رسول کریمﷺ کی صحبت نے آپ کو ایسا چمکایا کہ اس سیاہ قالب کے قلبِ منور سے نور کی کرنیں پھوٹ پھوٹ کردنیا کوروشن کرنے لگیں۔ (1)
ہمارے آقا ومولا حضرت محمدﷺنے اس خام سنگِ سیاہ کو اپنے دستِ مبارک میں لے کر اس خوبی سے تراشا کہ وہ ایک خوبصورت چمکتا ہوا ہیرا بن گیا۔ اور شش جہات میں اپنا نور اور حُسن بکھیرنے لگا۔ پھریوں ہوا کہ وہی بلال محمد مصطفیﷺ کی سچی غلامی کے طفیل ہم غلاموں کا بھی آقا بن گیا۔ اب وہ پیکرِ سیاہ نہ رہا بلکہ بلالؓ نام ہوگیا صدق اور استقامت کا وہ نشان ہوگیا الفت و وفا اور صبرو رضاکا۔وہ آوازبن گیا حق وصداقت کی۔
ابتلاء پر استقامت
حضرت بلالؓ ابتدائی سات ایمان لانے والوں میں شامل تھے جن میں حضرت ابوبکر ؓ ، عمارؓ ، یاسرؓ ، سمیہؓ، مقدادؓ وغیرہ شامل ہیں۔قریش مکہ کی مخالفت پر باقی لوگوں کے رشتہ دار اور عزیز تو اُن کی پشت پناہی کرتے تھے۔ لیکن بلالؓ بیچارہ تو بے آسرا تھا۔اُس کا کوئی سہارا نہ تھا۔ اُن کا مالک امیہ بن خلف اور دیگر مشرکین انہیں سخت اذیتیں دیتے تھے۔ امیہ لوہے کی زرہیں پہنا کر انہیں سخت چلچلاتی دھوپ میں پھینک دیتا۔ اور اُن سے کلمۂ کفر کہلوانا چاہتا ۔ کہ لات و عزّٰی کی خدائی کا اقرارکرو۔ مگر آفرین ہے بلالؓ پر جس کی زبان سے سوائے احد کے اور کوئی کلمہ نہیں نکلا۔ خدا کی راہ میں انہیں بہت بے عزت اورذلیل کیاگیا۔ گلے میں رسی ڈال کر مکے کی گلیوں میں کھینچا گیااور نوجوان لڑکوں کے حوالے کردیا گیا۔ اور وہ سارا دن اُن کو شہر میں کھینچتے پھرتے مگر بلالؓ اپنے صدق اور استقامت پر قائم رہے۔(2)
ابوجہل بلال ؓکو توحید سے منحرف کرنے کے لئے سخت اذیتیں دیا کرتا تھا۔ مگر ایک ہی آوازجو ہمیشہ بلالؓ کی زبان سے جاری ہوتی۔ وہ توحید کا نعرہ اور اَحَد اَحَدکی آواز تھی کہ خدا ایک ہے۔ خدا ایک ہے۔
ایک دفعہ ورقہ بن نوفل حضرت بلالؓ کے پاس سے گزرے۔ اُس وقت انہیں سخت اذیت کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔ اور بلالؓ دیوانہ وار اَحَد ،اَحَد، اللہ ایک ہے، اللہ ایک ہے، پکاررہے تھے۔ورقہ بن نوفل انہیں دشمن کے چنگل سے توچھڑا نہ سکے لیکن بلالؓ کو دلاسا دیتے ہوئے کہا کہ اے بلال ’’اگر اس طرح توحید کی خاطر تمہاری جان جاتی ہے توپرواہ نہ کرنا خدا کی قسم مَیں وہ شخص ہوں گا ۔ جو تمہاری قبر کو ہمیشہ کے لئے بطورایک یادگارنشان کے قائم رکھوں گا۔‘‘(3)
آزادی اوردرِرسولؐ کی دربانی
بلالؓ کا مالک دشمن اسلام امیہ تپتی دوپہر کو سنگلاخ زمین پر پشت کے بل لٹا کر آپ ؓ کے سینے پر پتھر رکھ دیتا اور کہتا محمدؐ کا انکار کرو ورنہ اسی حال میں مر جائو گے۔مگروہ پھر بھی یہی نعرہ بلند کرتے۔خداایک ہے اور محمدؐ اللہ کے رسول۔بلالؓ کی یہ تکالیف اور دُکھ آنحضرت ﷺ سے دیکھے نہ جاتے تھے۔ آپؐ نے ایک روز ابوبکرؓ سے مشورہ فرمایاکہ اگر ہمارے پاس کچھ مال ہوتاتو ہم بلالؓ کو خرید لیتے او روہ بے چارہ اذیتوں سے بچ جاتا۔
حضرت ابوبکرؓ نے حضرت عباس بن عبدالمطلبؓ کے ذریعہ سے بلالؓ کے مالک امیہ سے بات کی اورحضرت ابوبکرؓ کا ایک مضبوط غلام دے کر اس کے عوض حضرت بلالؓ کو خرید لیا گیا جب کہ وہ پتھروں میں دبے پڑے تھے ۔پھر خداتعالیٰ کی خاطرابوبکرؓ نے انہیں آزاد کردیا۔
مکی دور میں جو مواخات ہوئی اُس میں ابوعبیدہؓ بن الجراح کو رسول اللہﷺ نے حضرت بلالؓ کا دینی بھائی بنایا۔ بعد میں ابورویحہؓ خثعمی بھی حضرت بلالؓ کے دینی بھائی بنے ہیں۔(4)
حضرت بلالؓ نے دنیوی غلامی سے آزاد ہوکر اپنے آقا ومولا حضرت محمد مصطفیﷺ کی دائمی غلامی اختیار کرنے کا دانشمندانہ فیصلہ کیا۔ وہ درِرسولﷺ سے چمٹ کرآپؐ کے ہی ہوگئے ۔ آپؐ کی خدمات بجالانے لگے اورسفروحضرمیں آپ ؐکے ساتھی بن گئے۔
اُس زمانے میں آنحضرتﷺ دعوتِ الی اللہ کی مہمات کے لئے ارد گرد کے علاقوں میں جایا کرتے تھے۔ حضرت بلالؓ بھی آپؐ کے شریک سفر ہوتے اور مختلف مواقع پر بھوکے اور فاقے سے رہ کر بھی کئی روز تک آنحضرتﷺ کے ساتھ ان مہمات میں شریک ہوتے رہے۔(5)
رسول کریمﷺ فرماتے تھے اللہ تعالیٰ نے ہر نبی کو کم از کم سات وزراء دیئے اور مجھے چودہ ایسے مشیر عطافرمائے۔پھر آپ ؐ نے بلالؓ کی خدمات کی بدولت انہیں ان چودہ مددگاروں اور معاونین میں سے قراردیا جو خاص طور پر آپؐ کونصیب ہوئے۔کفار مکہ بلالؓ کو بڑی تحقیر سے دیکھا کرتے تھے اور جب آنحضرت ﷺکے ساتھ اُن کو دیکھتے تو حضورﷺ کو مخاطب کرکے کہتے تھے کہ اے محمدﷺ کیا آپؐ ان چند غلاموں پر راضی ہوگئے ہو۔ (6) بہرکیف مکہ میں مخالفت بڑھتی گئی اور مسلمانوں نے حبشہ اور مدینہ کی طرف ہجرت کی۔
ہجرت اور یاد وطن
حضرت بلالؓ کو بھی مدینہ ہجرت کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ آپ ابتدائی ہجرت کرنے والوں میں حضر ت عمارؓ اور حضرت سعدؓ کے ساتھ مدینہ پہنچے۔ ابتدائی زمانے میں مدینہ کی آب وہواانہیں راس نہیں آئی اور مکہ کی یادبھی بہت ستاتی تھی۔ اس زمانہ کے متعلق حضرت عائشہؓ بیان فرماتی ہیں کہ میں اپنے والد حضرت ابوبکرؓ اور حضرت بلالؓ کی بیماری کا سن کررسول اللہﷺکی اجازت سے ان کی خبرگیری کے لئے گئی ۔ دیکھا کہ وہ بیمار ہونے کی حالت میں پڑے ہیں۔ بلالؓ سے ان کا حال پوچھا تو انہوں نے یہ اشعارپڑھے۔
اَلَا لَیْتَ شَعْرِیْ ھَلْ اَبِیْتَنَّ لَیْلَۃً
بِوَادٍ وَحَوْلِیْ اِذْخَرٌ وَجَلِیْلٗ
وَھَلْ اَرِدَنْ یَوْمًا مِّیَاہَ مَجِنَّۃٍ
وَھَلْ یَبْدُوَنْ لِّیْ شَامَۃٌ وَطَفِیْلٗ
کہ کیا کبھی وہ دن بھی آئے گا جب ہم واپس اپنے پیارے وطن مکہ لو ٹیں گے اور وہی جانی پہچانی گھاس اذخراورجلیل ہمارے دائیں بائیں ہوگی اور ہاں کیا وہ دن بھی آئے گا جب ہم مجنّہ کے چشموں کا پانی پئیں گے۔ اورشامہ اور طفیل کے علاقوں میں دوبارہ جائیں گے۔
آنحضرتﷺکو جب بلال ؓکی یہ حالت عائشہ ؓ نے جاکر بتائی تو حضورﷺکی طبیعت میں دعا کی طرف توجہ ہوئی آپؐ نے دُعا کی کہ ’’اے مولیٰ‘‘ مدینہ کی اس وبا کو یہاں سے دور کردے اور کسی اور علاقہ میں لے جا۔ مولیٰ !جو لوگ مکہ سے ہجرت کرکے یہاں آئے ہیں ان کو مدینہ ایسا محبوب کر دے اس کا ایسا پیار ان کے دلوں میں پیدا کردے کہ مکہ کی طرح بلکہ اس سے کہیں بڑھ کر مدینہ انہیں پیارا ہوجائے۔(7) یہ دعا جس طرح قبول ہوئی اس کا ذکر آگے آئے گا۔
مؤذن اسلام
مدینہ میں حضرت بلالؓ کی بڑی سعادت اسلام کا پہلا مؤذن ہونے کی خدمت ہے۔ اس سے قبل مسلمان نماز کے لئے وقت کا اندازہ کیا کرتے تھے۔ مدینہ میں جب زیادہ لوگ جمع ہوگئے تو تجویز یں ہونے لگیں کہ نما زکے وقت میں ناقوس بجایا جائے یا قرنا(سینگ) پھونکا جائے۔ یہ مشورے ہورہے تھے کہ حضرت عبداللہ ؓبن زید نے آنحضرت ﷺ کی خدمت میں حاضرہوکر عرض کیا کہ میں نے رؤیا میں دیکھا ہے کہ ایک شخص اذان کے کلمات مجھے سناتا ہے۔آنحضرتﷺنے وہ کلمات سن کر حضرت بلالؓ کو یادکیا۔ اورعبداللہؓ سے فرمایا کہ بلالؓ کو یہ کلمات بتاتے جائیں کیونکہ بلالؓ کی آواز بہت اونچی ہے اور لمبی سانس کے ساتھ یہ آواز کو لمبا بھی کرلیتے ہیں۔اس لئے اذان یہ کہیں گے۔یوں بلال ؓ اسلام کے پہلے مؤذن ٹھہرے اور اپنی بلند،خوبصورت آواز کی وجہ سے آنحضرتﷺ کی زندگی میںاذان کی یہ سعادت سفروحضر میں انہیں کو نصیب ہوتی رہی۔ (8)
شفقت رسولﷺاور حوصلہ افزائی
حضورؐ کے اس قرب اور صحبت کے نتیجہ میں بلالؓ نے اعلیٰ تربیت کے بہت مواقع پائے۔ حضورؐ انہیں سمجھاتے تھے کہ بلالؓ! جب اذان کہو تو ذرا آواز کو لمبا کرکے کلمات دہراکرکہاکرو تاکہ دُورتک آواز پہنچے اور اقامت ذرا تیزی سے کہاکرو۔اذان کے کلمے دو دو دفعہ دہرائو اور اقامت کے کلمات ایک دفعہ دہرایا کرو۔(9)
ایک موقع پر جب بلالؓ اذان نہ دے سکے۔ کسی اور شخص نے اذان کہی اور بلالؓ حسبِ عادت اقامت کہنے لگے توآنحضرت ﷺ نے سمجھایا کہ جو اذان کہتا ہے اقامت اسی کا حق ہے۔بلالؓ اوقات نماز کے منتظم تھے۔ آنحضرتﷺ کو نمازوں کے اوقات میں اطلاع کرتے اور نمازوں کے لئے بلاتے تھے۔ ایک موقع پروہ فجر کی اذان کے بعد جب آنحضرتﷺ کو بلانے کے لئے گئے تو حضورﷺنوافل ادا کرنے کے بعد آرام فرمارہے تھے بلالؓ نے آواز دی’’اَلصَّلٰوۃُ خَیْرُمِّنَ النَّوْمِ‘‘‘ نماز نیندسے بہترہے۔ آنحضرتﷺکو اپنے اس غلام کے یہ کلمے اتنے پسند آئے کہ آپؐ نے فجر کی اذان میں ان کو شامل کرنے کا ارشاد فرمایا۔(10)
حضرت بلالؓ نظر میں خرابی کے باعث صبح کی اذان بہت جلدی دے دیاکرتے تھے۔ آنحضرت ؐ فرماتے تھے کہ بلالؓ تو تہجد کے وقت ہی اذان دے دیا کرتا ہے۔اس لئے جو روزے رکھنے والے ہیں وہ بے شک کھاتے پیتے رہیں جب تک کہ عبداللہؓ بن مکتوم اذان دے۔(11)
فرو گذاشت پر رسول ؐاللہ کا رد عمل او رشفقت
ایک دن بلال ؓ نے غلطی سے کوئی آدھی رات کو ہی اذان کہہ دی۔ آنحضرت ﷺ نے ان کو بلاکر فرمایا اب جائو اور مدینہ کی گلیوں میں اعلان کرو کہ مجھ سے غفلت ہوئی اور وقت کا پتہ نہیں چلا اور وقت سے پہلے اذان کہہ بیٹھا۔
خیبر کے سفرکا واقعہ ہے آنحضرت ﷺواپس تشریف لارہے تھے آدھی رات سے زیادہ وقت گزر چکا تھا۔ صحابہ نے عرض کیا یارسول اللہ ﷺکچھ دیر آرام کرلیں۔ آپؐ نے فرمایا کہ مجھے نماز فجرکے ضائع ہونے کا اندیشہ ہے۔حضرت بلالؓ نے عرض کیا فجر کی نماز پر جگانے کا ذمہ میں لیتا ہوں۔ بلالؓ کہتے ہیں پڑائو کیا گیاسب لوگ سو گئے اور میں اپنے اونٹ کے پالان کے ساتھ ٹیک لگا کر بیٹھ گیا۔ مگرآنکھ لگ گئی اور اس وقت کھلی جب سورج کی گرم شعاعوںنے مجھے جگایا۔سب سے پہلے آنحضرتﷺکی آنکھ کھلی حضورﷺنے پہلی بات ہی یہ پوچھی بلالؓ کہا ں ہے؟ اور جب میں حاضرخدمت ہوئے تو فرمایا کہ تم نے تو وعدہ کیا تھا کہ فجر کی نماز پر جگائو گے؟ ذہین بلالؓ نے کیا خوبصورت جواب دیا کہ میرے آقا! میرے ماں باپ آپ پر قربان ہوں اُسی خدا نے میری روح کو بھی قبض کئے رکھا جس نے آپؐ کی روح کو۔ آنحضرت ﷺیہ سن کرمسکرادیئے۔ صحابۂ کو نماز کی تیاری کا حکم دیا اور نماز فجر باجماعت پڑھائی۔ اس کے بعد فرمایا اگر کسی موقع پر نمازبروقت ادا ئیگی سے رہ جائے تو جب آنکھ کھلے یا یادآجائے اسی وقت نماز ادا کرلینی چاہیے۔(12)
حضرت بلال ؓ آنحضرتﷺ کے محافظ اور پہریدار بھی تھے۔مختلف مواقع پر وفود کی آمد پر یا عیدوں کے موقع پر آپؓ نیزہ لے کر آنحضرت ﷺ کے آگے آگے ہوتے تھے۔ عید کے میدان میںبلالؓ رسول اللہ ﷺکی جائے نماز کے آگے نیزہ بطورسُترہ گاڑا کرتے تھے۔(13)
رسول اللہﷺ کے خزانچی
بلالؓ آنحضرت ﷺکے خزانچی اور اکائونٹنٹ بھی تھے۔ کئی دفعہ رسول اللہ ﷺکے ساتھ صدقہ کے اموال اکٹھے کئے۔ جو مال آتا اپنے پاس جمع کرتے ان کا حساب کتاب رکھتے۔ یہ تمام ذمہ داری مکمل بھروسہ کے ساتھ آنحضرت ﷺ نے حضرت بلال ؓ کے سپرد کررکھی تھی۔ اس سلسلہ میںحضرت بلالؓ ایک بہت دلچسپ واقعہ بیان کرتے ہیں کہ ایک موقع پر ایک مشرک نے مجھے کہا کہ آنحضرتؐ کے لئے جوچیزبھی تمہیں ادھار پرلینا ہویا کبھی کسی غریب اور مسکین کو کوئی کپڑا یا چادر یا کھانے پینے کی کوئی چیز لے کر دینا ہووہ میرے سے لے لیا کرو میرے پاس اتنی فراخی ہے کہ میں تمہیں قرض پر سب چیزیں دے سکتاہوں۔ حضرت بلالؓ کہتے ہیں کہ جب اس کا ڈھیر سارا قرض جمع ہوگیا۔ابھی چند دن قرض کی ادائیگی میں باقی تھے۔ ہمارے پاس قرض ادا کرنے کے لئے کچھ نہ تھا۔ اس مشرک نے مجھے بلاکر بری طرح ڈانٹا اور بہت سختی کرتے ہوئے کہا کہ ان چار دنوں میں لازماً تمہیں یہ قرض ادا کرنا ہوگا۔ بلال ؓ کہتے ہیں کہ میں رات کو سخت پریشانی کی حالت میں آنحضرتؐ کے پاس حاضرہوا اورپوچھاکہ آپؐ کے پاس قرض ادا کرنے کے لئے کچھ ہے ؟ پھر اپنا حال بھی سنایا کہ میرے پاس بھی کچھ نہیں ہے اور یہ کہ یہودی تو مجھے بہت ذلیل ورسوا کرے گا اس لئے اگر آپؐ اجازت دیں تو میں نواحی مسلمان قبائل کے پاس بھاگ کر چلا جاتا ہوں جب آپؐ کے پاس مال آئے گااور قرض کی ادائیگی کے لئے رقم ہوگی تو میں پھر حاضرہوجائوں گا۔ بلالؓ کہتے ہیں کہ میں حضورﷺسے یہ بات کرکے مدینہ سے بھاگ جانے کی تیاری کرکے سوگیا کہ علی الصبح کہیں نکل جائوں گا۔ اپنا تھیلا تلواراورجوتے پاس رکھے۔ صبح نماز سے پہلے میں نکلنے کو تھا کہ مجھے ایک شخص نے آواز دی کہ بلال ؓ تمہیں خدا کے رسولﷺ یادکرتے ہیں ۔ مَیں حاضرخدمت ہواتو آنحضرت ﷺ نے فرمایا اے بلال وہ چار اونٹ جوباہر سامان سے لدے ہوئے کھڑے ہیں لے لو۔ ان میں کپڑے بھی تھے۔ کھانے پینے کی چیزیں بھی تھیں۔ حضورﷺنے فرمایا کہ ’’فدک کے رئیس نے یہ چیزیں میرے لئے تحفہ کے طور پربھیجی ہیں۔ جائو اپنے سارے قرضے اور واجبات اداکردو۔ ‘‘(14)
غزوات میں شرکت
حضرت بلال ؓ کو آنحضرتﷺکے ساتھ تمام غزوات میں شامل ہونے کی سعادت حاصل ہوئی۔ بدر میں بھی آپ شریک ہوئے جنگ میں مشرکین کا سردارامیہ بن خلف بھی شامل تھاجو کبھی بلالؓ کا مالک تھا۔حضرت بلال ؓ اس پر حملہ آور ہوئے تو حضرت عبدالرحمن بن عوفؓ پناہ دینے لگے حضرت بلالؓ نے نعرہ لگایا لَانَجَوتُ اِنْ نَجَااُمَیَّۃُ اگر آج امیّہ بچ گیا تو پھر بلال ؓ کو نجات نہیں ہے اوربلالؓ کے وارسے ظالم امیّہ بچ نہ سکااور کیفر کردار کو پہنچا۔(15)
حضرت بلالؓ آنحضرت ﷺ کے بہت ہی مستعد خادم تھے۔ ایک صحابیؓ بیان کرتے ہیں کہ حنین سے واپسی پر میںنے حضرت بلال ؓ کودیکھا آنحضرتﷺنے انہیںآواز دی اوروہ اس طرح چھلانگ لگاکر اپنی جگہ سے اچھلے جیسے پرندہ اڑاکرتا ہے اور کہا لبیک اے میرے آقا میں حاضر ہوں۔ حضورؐ نے فرمایا میرے گھوڑے کی زین ڈال دیں۔ (16)
فتح مکہ میں بلالؓ کا اعزاز
آنحضرتؐ حضرت بلال ؓ کی بہت دلداری فرمایا کرتے تھے۔ فتح مکہ کے موقع پر حضورؐ نے حضرت بلالؓ کو اپنے قافلۂ خاص میں شامل فرمایا مکہ میں داخل ہوتے وقت حضرت اسامہؓ حضورؐ کی سواری کے پیچھے بیٹھے ہوئے تھے ۔ حضرت ابوبکرؓ آپؐ کے دائیں تھے توحضرت بلالؓ آپؐ کے بائیں قافلہ کے ہم رکاب چل رہے تھے۔ اس موقع پر آنحضرتؐ نے بلالؓ کا ایک اور حسین انتقام اس طرح لیا کہ آپؐ نے بلالؓ کوفتح کا جھنڈاعطاکرکے فرمایا کہ’’ اے بلالؓ !اسے حجون مقام پر گاڑنا۔‘‘ اورپھر مکہ کی وادی میںجہاں بلالؓ کو اذیتوں کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔ایک اعلان بہت ہی تعجب سے سناگیاجو یہ تھا کہ’’ آج جو بلالؓ حبشی کے جھنڈے کے نیچے آجائے گا اُسے امان دی جائے گی‘‘ یہ بلالؓ کے لئے کتنا بڑا اعزاز تھا۔ان کے تمام دکھوں اور ان پر کئے گئے مظالم کا کیسا حسین انتقام تھا۔( 17)
پھر آنحضرتﷺ جب خانہ کعبہ میں تشریف لے گئے تو اُس وقت بھی حضرت بلالؓ آپؐ کے ساتھ تھے۔ اور حضرت بلال ؓ بیان کیا کرتے تھے کہ آنحضرت ﷺنے خانہ کعبہ کے عین وسط میں ستونوں کے درمیان دو نوافل ادا فرمائے۔دنیا تو فتح کے شادیانے بجایا کرتی ہے۔ مگر محمدﷺ نے اپنی عظیم فتح کا نقارہ بجانے کے لئے بھی توحید کے مضمون کا انتخاب فرمایا اور ظہر کے وقت آپؐ نے حضرت بلالؓ کو ہدایت فرمائی کہ کعبہ کی چھت پر چڑھ کر آپ اذان کہو اوریوں توحید کی منادی اور آنحضرتﷺکی رسالت کے اعلان کے ذریعہ سے جو حضرت بلالؓ نے کیا مکہ میں فتح کا نقارہ بجایا گیا۔(18)
برکات صحبت رسول ﷺ
حضرت بلالؓ آنحضرتﷺکے ساتھ غزوات حنین میں بھی شریک تھے۔ اس سفر سے واپسی پر ایک بدو نے اس وقت آپؐ سے کچھ مال مانگا جبکہ آپؓ تقسیم فرماچکے تھے۔ آپؐ نے فرمایاتمہیں بشارت ہو کہ آئندہ مال ملے گا اس نے کہا ہمیں بشارتوں کے ہی وعدے ملتے ہیں۔ مال دینا ہے تو دیجیئے تب آپؐ نے جوش میں آکر حضرت بلالؓ سے فرمایا’’ یہ تو بشارت قبول نہیں کرتے تم ہی یہ بشارت قبول کرلو۔‘‘ اور بلالؓ کوبلاکر حضورﷺ نے اپنا بچاہوا پانی دیا ان کے ساتھ ابوموسیٰ ؓ اشعری بھی تھے۔حضرت ام سلمہؓ پردے میں سے بولیں کہ اے بلالؓ اپنی ماں کے لئے بھی اس بابرکت پانی میں سے کچھ بچالینا۔(19)
بلالؓ نے رسول اللہ ﷺکو بہت قریب سے دیکھا اورآپ کی سچائی کے بہت سے نشانوں کے گواہ بنے۔ اُم مالکؓ انصاریہ رسول اللہﷺ کے لئے گھی کاتحفہ چمڑے کے ایک برتن میں لے کر حاضرہوئیں۔ حضورؐ نے بلالؓ کو فرمایا کہ گھی نکال کر برتن واپس کردیں۔ انہوں نے ایسا ہی کیا مگر خاتون نے دیکھا کہ اس کا برتن بھرا ہوا ہے۔ اس نے عرض کیا یا رسول اللہ ﷺکیا میرے بارے میں کوئی نئی بات بذریعہ وحی ظاہر ہوئی ہے۔ آپ نے استفسار فرمایا کہ کیوں کیا ہوا؟ عرض کیا آپ نے میر اتحفہ واپس لوٹادیا۔ رسول اللہﷺ نے بلال کو بلاکر پوچھا۔انہوں نے عرض کیا میں نے تو گھی کا برتن ایسے نچوڑ لیا تھا کہ مجھے خود سے شرم آنے لگی تھی۔ تب رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ اے خاتون! تجھے مبارک ہو یہ تو برکت ہے جو فوری ثواب اوراجر کے طور پراللہ نے آپ کو عطافرمائی۔ پھر حضوؐر نے انہیں نماز کے بعد تسبیحات سبحان اللہ، الحمدللہ پڑھنے کے لئے سکھائیں۔(20)
حجۃ الوداع کے سفر میں بھی حضرت بلال ؓ آنحضورﷺ کے شریک سفر تھے۔ صحابہ بیان کرتے ہیں کہ حضرت اسامہؓ اور حضرت بلالؓ کو ہم نے آنحضرتﷺ کے ساتھ حجۃ الوداع میں دیکھا ان میں سے ایک نے آپ کی اونٹنی کی باگ پکڑی ہوئی تھی اوردوسرے نے کپڑے کے ساتھ آپؐ کودھوپ سے سایہ کیا ہوا تھا۔
حجۃ الوداع کے موقع پر آنحضرتﷺ نے لوگوں کو خاموش کرانے کی ڈیوٹی بھی حضرت بلالؓ کے سپرد فرمائی تھی۔(21)
رسو ل اللہ ﷺکی شفقت
بلالؓ کی یہ مستعدی حضورﷺ کو بہت ہی پیاری اور بھلی لگتی تھی۔ حضرت مغیرہؓ بیان کرتے ہیں کہ ایک دفعہ میں نے آنحضرت ﷺ کی اپنے گھر میں دعوت کی حضورﷺ ابھی کھانا تناول فرمارہے تھے۔ بُھنا ہوا گوشت چھری سے کاٹ کر مجھے عطافرمانے لگے کہ اتنے میں بلالؓ کی آواز آگئی ’’یا رسول اللہ ﷺنماز کا وقت ہوگیا ہے۔‘‘ حضورﷺکو بلالؓ کی اس مستعدی پر بہت ہی پیارآیا اورفرمایا مَالَہُ تَرِبَ یَدَاہُ اللہ اس کا بھلا کرے اس کو کیا ہوگیا یعنی ابھی تو ہم نے کھانا بھی نہیں کھایا اور یہ نماز کے لئے بلانے لگا ہے۔(22)
مگر یہ بھی بلال ؓ کے ساتھ محبت کا ایک انداز تھا ورنہ آنحضرت ﷺکی جنت اور آنکھوں کی ٹھنڈک تونماز ہی تھی۔اور اکثر بلالؓ کو یہی فرمایا کرتے تھے کہ قُمْ یَا بِلالُ وَاَرِحْنَا بِالصَّلٰوۃِ۔ اے بلالؓ کھڑے ہو۔ اقامت کہو اور نماز کے ساتھ ہمیں تسکین بہم پہنچائو کہ حضورﷺکی تمام پریشانیوں کا حل اور نجات نمازمیں ہی تھی۔(23)
اذان بلالی اور یاد رسول ؐ
آنحضرتﷺکی وفات ہوئی تو حضرت بلالؓ سخت بے چین ہوگئے ابھی آپؐ کی تدفین عمل میں نہیں آئی تھی کہ وہ آخری اور یادگار اذان حضرت بلال ؓنے مدینہ میں کہی اس وقت لوگوں کے دل صدمے سے سخت نڈھال تھے۔ بلال ؓنے اَشْہَدُ اَنْ لَّااِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَاَشْہَدُ اَنَّ مُحَمَّداً رَّسُولُ اللّٰہ کہا تو ایک عجیب عالم تھا۔عاشقِ رسولﷺ بلالؓ کی آواز اپنے آقا کو نہ پاکر گلو گیر ہوگئی۔ لوگ روئے اور بہت روئے اور حضرت بلالؓ کی یہ اذان لوگوںکے لئے ایک یاد رہ گئی۔ رسول اللہ ﷺکی وفات کے بعد حضرت ابوبکرؓ آپ کو کہتے کہ اذان دیا کریںتویہ عرض کرتے کہ اب رسول اللہﷺ کے بعد اذان کہنے کو میرا جی نہیں چاہتا۔حضرت ابوبکرؓ بھی ان کی حالت سمجھتے اور فرماتے ٹھیک ہے جیسے آپ کی مرضی۔(24)
معلوم ہوتا ہے کہ اَشْہَدُ اَنَّ مُحَمَّداً رَّسُولُ اللّٰہ کہتے ہوئے جب بلالؓ کو حضورﷺکی یادآتی تو اس کی تاب نہ لاسکتے تھے رسول اللہﷺ کی جدائی کے بعد تو مدینہ میں بھی ان کا دل نہیں لگتا تھا۔ حضرت ابوبکرؓ سے عرض کیا اجازت ہو تو میں شام کے علاقوں میں جہاں جہاد ہورہا ہے وہاں چلا جائوں تاراہِ خدا میں جامِ شہادت نوش کرسکوں حضرت ابوبکرؓ نے فرمایا’’ میں بوڑھا ہوگیا ہوں میرا بھی تم پر کوئی حق ہے میرے پاس رک جائو۔‘‘چنانچہ وہ کچھ عرصہ آپؓ کے پاس رک گئے ۔ پھرباصرار عرض کیا اگر تو آپ نے مجھے خدا کی خاطر آزاد کیا تھا تو پھرمیں جہاد پرجانا چاہتاہوں مجھے جانے دیجیئے۔ تب حضرت ابوبکرؓ نے آپؓ کو روکا نہیں اور یوں آپؓ شام تشریف لے گئے۔بعض روایات کے مطابق بلالؓحضرت ابوبکرؓ کی وفات تک مدینہ میں ہی رہے۔ پھرحضرت عمرؓ سے اجازت لے کر جہاد کیلئے شام چلے گئے۔حضرت عمرؓ نے پوچھا اذان کون دے گاتو حضرت بلالؓ نے حضرت سعدؓ قرظی کے بارہ میں مشورہ دیا جو رسول اللہﷺ کے زمانہ میں بھی اذان دیتے رہے۔(25)
حضرت عمرؓ کے زمانہ میں جب بیت المقدس فتح ہواا وروہ وہاں تشریف لے گئے تو جابیہ مقام پر حضرت بلال ؓ سے ملاقات ہوئی ۔حضرت بلالؓ نے عرض کیا کہ مجھے اور میرے دینی بھائی ابورویحہؓ کوشام میں ہی رہنے کی اجازت ہو۔ چنانچہ حضرت عمرؓ نے اس کی اجازت عطافرما دی۔
حضرت عمرؓ نے شام کی فتح کے بعد دیوان کا باقاعدہ دفتر قائم فرمایا جس میں اسلامی سپاہ کے نام قبیلہ کے مطابق لکھے جاتے تھے۔انہوں نے حضرت بلالؓ سے پوچھا کہ آپ کا دفتر دیوان کس کے سپرد کیا جائے۔ بلالؓ نے کہا ابورویحہؓ کے ذمہ لگادیں کیونکہ اس اخوت کی بناء پر جو رسول اللہﷺ نے قائم فرمائی تھی میں اس سے الگ ہونا نہیں چاہتا۔ چنانچہ حضرت عمرؓ نے ابورویحہؓ کو ان کے پاس ہی رہنے دیا اور حبشہ کے سپاہیوں کا دفتردیوان ان کے سپرد فرما دیا۔(26)
مدینہ میں آخری اذان
ملک شام میں آکراپنے محبوب کے شہر مدینہ کی وہ محبت جو آنحضرتﷺ کی دعائوں کے نتیجہ میں بلالؓ کے قلب صافی کو عطا ہوئی تھی، بے چین کرنے لگی۔حضرت بلالؓ نے رؤیا میں دیکھا کہ آنحضرت ؐ تشریف فرما ہیں او رکہتے ہیں کہ اے بلال ؓ کتنی سخت دلی ہے کہ کیا ابھی وقت نہیں آیا کہ تم ہماری زیارت کو آئو۔ بلالؓ اُٹھے تو بہت غمگین تھے اور اگلی صبح آپؓ نے مدینہ کی راہ لی۔ روضئہ رسولؐ پر جاکر بہت روئے اورلَوٹ پَوٹ ہوگئے حضرت امام حسنؓ و حسینؓ سے ملاقاتیں ہوئیں۔وہ ان سے ملتے اوران کے بوسے لیتے تھے۔ حضرت امام حسنؓ و حسینؓ نے ایک خواہش کا اظہار کیا کہ اے بلال ؓ کل کی فجر کی اذان اگر تم کہوتوکیا مزہ رہے حضرت بلالؓ نے ان کی اس خواہش کو قبول کیا اور اگلے دن فجرکی اذان کہی۔ کہتے ہیں کہ وہ ایک عجیب سماں تھا۔ جب مدینہ کی گلیوں میں ایک لمبے عرصہ کے بعد بلالؓ کی وہی اذان گونج رہی تھی۔ لوگ تو کیا عورتیں بھی اپنے گھروں سے باہر نکل آئیں اور جب بلالؓ اَشْہَدُ اَنَّ مُحَمْدًا رَّسُولُ اللّٰہ کہتے تھے تو لوگ روتے اور بے اختیار روتے۔
حضرت عمرؓ نے بھی سفرشام میں حضرت بلال ؓ سے اذان کہلوائی تھی۔ اورلوگ اس پر اتنا روئے تھے کہ صحابہ کہتے ہیں کہ ہم نے کبھی حضرت عمرؓ کو اتنا روتے نہیں دیکھا۔ مدینہ کے سفر سے واپس جاکر دمشق میں20ھ؁ میں حضرت بلالؓ کی وفات ہوئی۔عمر ساٹھ سال سے کچھ اوپرتھی دمشق باب الصغیر میں دفن ہوئے۔(27)
فضائل بلالؓ
حضرت ابن عباسؓ بیان کرتے ہیں کہ اسراء کی رات جنت میں رسول کریمؐ نے ایک آواز سی سنی اور جبریل ؑسے پوچھا یہ کیا ہے؟ انہوں نے کہا آپ کے مؤذن بلال ؓہیں۔ نبی کریمؐ نے اس سفر سے واپس تشریف لاکر فرمایابلالؓ کامیاب ہوگیا۔ میں نے اس کے لئے یہ یہ دیکھا ہے۔(28)
حضرت عمرؓ فرمایا کرتے تھے اَبُوْبَکْرٍ سَیّدُنَاوَاَعْتَقَ سَیّدَنَا بِلَالاً ۔ ابوبکرؓہمارے آقاتھے ، ہمارے سردارتھے، او رانہوں نے ہمارے آقا بلالؓ کو آزادکیا تھا۔(29)
حضرت عمرؓ ایک غیرمعمولی احترام کا مقام حضرت بلال ؓ کو دیتے تھے اور یہی حال ان کے بیٹے عبداللہ ؓبن عمرکا تھا۔ جب ان کے سامنے ان کے حقیقی بیٹے بلال بن عبداللہ کی تعریف کرتے ہوئے شاعر نے یہ شعر پڑھا۔بِلَالُ اْبنُ عَبْدِاللّٰہِ خَیْرُبِلَالِ تو بے اختیار حضرت عبداللہ بن عمرؓ کو آنحضرتؐ کی غیر ت آئی اور کہنے لگے نہیں نہیں ایسا مت کہو بِلَالُ رَسُولِ اللّٰہِ خَیْرُ بِلاَلٍ محمدمصطفی ﷺ کا بلا لؓ ہی سب سے بہترین بلالؓ تھا۔(30)
حضرت زیدؓ بن ارقم کہا کرتے تھے کہ بلال کتنا ہی اچھا انسان ہے کہ شہداء کا سردار ہے اور مؤذنوں کا سردار ہے اور قیامت کے دن معزز مؤذن بلال کی پیروی کرتے ہوئے جنت میں داخل ہوں گے۔گویابلال جھنڈا لے کر ان کے آگے آگے ہوگا او روہ ان کو جنت میں داخل کرنے کا موجب ہوگا۔حضرت بلالؓ رسولؐاللہ کی زندگی میں عیدین وغیرہ کے موقع پر ہاتھ میںنیزہ تھامے آگے چلتے تھے ۔ یہ نیزہ نجاشی شاہ حبشہ نے رسول کریمﷺکو تحفہ بھجوایا تھا۔رسول اللہ ﷺکی وفات کے بعد حضرت ابوبکرؓ کیلئے یہی خدمت انجام دیتے رہے۔(31)
حضرت ابوہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ آنحضرتﷺنے ایک مرتبہ بلالؓ کی میٹھی طبیعت اور اس کی شیریں زبان کی تعریف کرتے ہوئے فرمایا کہ ’’بلالؓ کی مثال تو شہد کی مکھی جیسی ہے۔ جو میٹھے پھولوں او رکڑوی بوٹیوں سے بھی رس چوستی ہے مگر جب شہد بنتا ہے تو سارے کا سارا شیریں ہوتا ہے۔‘‘ (32)
بلالؓ حضرت ابوبکرؓ کے آزاد کردہ اورتربیت یافتہ تھا اور سیرت صدیقی کی گہری چھاپ ان پر تھی۔ لوگ کہتے تھے کہ بلالؓ تو ابوبکرؓ کی مٹی ہے یعنی طینت وسیرت صدیقی رکھتا ہے ۔ (33)
حضرت عمرؓ آپ کو ہماراآقا بلالؓ کہتے۔ لوگ بلالؓ کے پاس آکر ملتے ان کے فضائل و مناقب اور خدمات کا تذکرہ کرتے تو وہ کمال عاجزی سے فرمایا کرتے ’’میں کیا ہوں ایک حبشی ہی تو ہوں۔ جو کل تک غلام تھا۔‘‘(34)
ہاں اے بلالؓ حبشی! آپ بھی سچ کہتے ہو مگر یہ بھی سچ ہے کہ محمد مصطفی ﷺ کی غلامی نے تجھے دنیائے اسلام کا آقابنادیاہے۔
پھر رسول اللہﷺ کا یہ غلام آپؐ کے قدموں میں حاضرہوگیا۔ حضورﷺ نے آپؓ کی زندگی ہی میں آپؓ کے جنتی ہونے کی خبر تو دے ہی دی تھی۔ جب ایک روز آپؐ نے فرمایا تھا کہ اے بلالؓ تم اپنا کوئی بہت ہی خوبصورت عمل بتائو جس کی وجہ سے میں نے جنت میں تمہارے قدموں کی چاپ سنی ہے۔ میں نے پوچھا یہ کون ہے تو بتایا گیاکہ بلا ل ؓ ہے۔بلال ؓ کہنے لگے میرے آقا! مجھے تو اپنا کوئی بھی عمل خوبصورت نظر نہیں آتا ہاں اتنی بات ہے کہ ہمیشہ باوضوء رہنے کی کوشش کرتا ہوں اور جب بھی وضوکرتا ہوں تو دورکعت نماز ضرور پڑھتا ہوں۔بلالؓ جب یہ حدیث بیان کرتے تو رو پڑتے تھے۔(35)
حضر ت ابوبکرؓ کا بلالؓ پر رشک
حضرت ابوبکرؓ نے جب آنحضرتؐ سے حضرت بلالؓ کی سعادت کا یہ اعلان سنا تو وہ جو مسابقت فی الخیرات کے میدان میں ہمیشہ سب سے آگے ہوتے تھے وہ بھی حضرت بلالؓ پر رشک کرنے لگے اورکہا اے کاش میں بلالؓ ہوتا! اے کاش میں بلالؓ کی ماںکے بطن سے پیداہوتا! !اے کاش بلالؓ کا باپ میرا باپ ہوتا اور میں بلالؓ کی طرح ہوجاتا!!! اور یہ سعادت میرے حصہ میں آجاتی۔(36)
شادی و اولاد
حضرت بلال ؓ کی عائلی زندگی کے بارہ میں یہ غلط فہمی پائی جاتی ہے کہ انہوں نے مجردزندگی گزاری اور شادی کہیں نہیں ہوسکی۔ حالانکہ تاریخی حقائق سے یہ بات ثابت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے ذاتی توجہ سے خودحضرت بلال ؓ کی شادی کروائی۔ چنانچہ آپؓ کی ایک شادی بنی عبدالبکیرمیں ہوئی جو اپنی بہن کے رشتہ کی سفارش کے لئے آنحضورؐ کے پاس آئے تو حضورؐ نے فرمایا کہ اس سے اچھارشتہ تو بلالؓ کا ہے اور دوسری دفعہ پھر وہ اُسی جگہ رشتہ کی سفارش کے لئے آئے تو حضورؐ نے فرمایا کہ میں تمہیں ایک حبشی کا رشتہ بتلاتا ہوں اوروہ بلالؓ کا رشتہ ہے ۔ چنانچہ انہوں نے اپنی بہن کی شادی حضرت بلالؓ سے کردی۔ اسی طرح بنی زہرہ کے عربی قبیلہ میں بھی حضرت بلال ؓکی شادی ہوئی ہے۔(37)
پھرجس زمانہ میں بلالؓ شام میں قیام پذیر تھے تو بنی خولان میں ایک شامی خاتون کے ساتھ بھی آپؓ کی شادی کا ذکر ملتا ہے۔ چنانچہ ابودردائؓ سے روایت ہے کہ حضرت عمرؓفتح بیت المقدس کے بعد جابیہ تشریف لے جانے لگے تو حضرت بلالؓ نے ابورویحہؓ کی شام میں تقرری کی درخواست کی جسے انہوں نے قبول فرمالیا جس پر حضرت بلالؓ بہت خوش ہوئے کہ ابورویحہؓ جس کارسول اللہﷺ نے مجھے بھائی بنایا تھاساتھ ہوگا۔پھر آپ اپنے اس بھائی کے ساتھ دورہ کرتے ہوئے بنی خولان کے ایک معزز شامی قبیلہ میں گئے(اس زمانہ میں اہل شام کا اہل حبشہ سے رشتہ ناطہ کا دستور نہیں تھا مگر اسلام نے رنگ ونسل کی سب تمیز یکسر مٹادی تھی اس لئے) جب حضرت بلالؓ نے نہ صرف اپنے لئے بلکہ اپنے دینی بھائی ابو رویحہؓ (جو خود ایک غلام تھے جن کورسول اللہﷺ نے فتح مکہ کے موقع پر جھنڈا دے کر فرمایاتھا کہ جوان کے جھنڈے نیچے آیا امن میں ہے) کے لئے بھی اس معزز قبیلہ میں رشتہ کی ایسی پرحکمت اورمؤثر تحریک کی کہ عصبیت جاہلیت کو بالائے طاق رکھتے ہوئے انہوں نے ان دونوں کی اپنے قبیلہ میں شادیاں کردیں۔ حضرت بلالؓ کی وہ عمدہ تحریک آپ کی ذہانت کی خوب داد دیتی ہے۔ آپؓ نے فرمایا ’’اے بنی خولان میرا بھائی ابورویحہؓ اورمیں آپ کے قبیلہ میں شادی کرنا چاہتے ہیںبیشک ہم کافرتھے پھر خدا نے ہمیں ہدایت عطافرمائی۔ ہم دونوں غلام تھے پھر اللہ تعالیٰ نے ہمیں آزادی بخشی۔ ہم تہی دست وحقیر تھے خدا نے ہمیں غنی کردیا۔ پس اگر آپ لوگ ہمیں رشتہ دیتے ہو تو الحمدللہ اور اگر انکار کرتے ہو تو(ہم مایوس نہیں) سب قوت وطاقت اللہ کو حاصل ہے۔ ‘‘ چنانچہ ان دونوں کی شادی اس شامی قبیلہ میں ہوگئی۔
احادیث میں حضرت بلالؓ کی ایک بیوی سے یہ روایت ہے کہ رسول کریمﷺ نے انہیں نصیحت فرمائی کہ بلالؓ مجھ سے جو بات تم تک پہنچائیں وہی یقینا سچی ہوگی اور بلالؓ تم سے غلط بات نہیں کرے گا۔پس تم بلالؓ پر کبھی ناراض نہ ہونا ورنہ اس وقت تک تمہارا کوئی عمل قبول نہ ہوگا جب تک تم نے بلالؓ کو ناراض رکھا۔(38)
بالعموم حضرت بلالؓ کی اولاد کا کوئی تذکرہ نہیں ملتا۔ کہ اولاد ہوئی جوشایدکم عمری میں فوت ہوگئی۔ غالباً اسی وجہ سے بلالؓ کی کنیت ابوعبداللہ، ابوعمرواور ابوعبدالکریم بھی معروف تھی۔(39)
حضرت بلالؓ کی وفات طاعونِ عمواس میں حضرت عمرؓ کے زمانہ میں ہوئی۔ اور حلب شام میں تدفین عمل میں آئی۔ ابن زبر نے کہا آج ہمارا چاند ڈوب گیا۔(40)
اے بلالؓ حبشی تجھ پر سلام محمد مصطفیﷺکی غلامی کی بھی کیا شان ہے جس نے تجھ غلام کو ہمارا آقا بنادیا۔ تجھے دیکھ کر حضرت عمرؓ سچ ہی تو کہا کرتے تھے سیدنا بلالؓ ہمارا آقا بلالؓ۔ پس اے ہمارے آقا کے غلام مگر ہم غلاموں کے آقا بلالؓ تجھ پر سلام کہ تو نے صدق و استقامت اور وفا کی ان مٹ داستانیں اپنے خون پسینے سے رقم کیں اور اپنی قوم حبشہ بلکہ افریقہ کے تاریک براعظم کا نام ہمیشہ کے لئے روشن کردیا ایک بارپھر تجھ پر سلام۔






حوالہ جات
1-
مسند احمد جلد6ص13وابن سعد جلد3ص238،اصابہ جز1ص171
2-
اصابہ جز1ص171،مسند احمدجلد1ص404
3-
اسد الغابہ جلد1ص207
4-
اصابہ جز1ص171،ابن سعد جلد3ص234،استیعاب جلد1ص 360
5-
ابن ماجہ مقدمہ فضائل بلال
6-
مسند احمد جلد1ص148،420
7-
مسند احمد جلد1ص148،مسند احمدجلد6ص83
8-
اسد الغابہ جلد1ص307
9-
ترمذی کتاب الصلوۃ باب 29
10-
ترمذی کتاب الصلوۃ ، ابن ماجہ کتاب الاذان باب 3و مسند احمد جلد2ص48
11-
مسنداحمدجلد5ص9
-12
مسلم کتاب المساجد باب55وترمذی کتاب التفسیر سورۃ طہ وابن سعد جلد5ص307
-13
بخاری کتاب اللباس باب2
-14
سنن ابودائود کتاب الخراج والامارہ باب فی یقبل
-15
بخاری کتاب المغازی باب غزوہ بدر
-16
ابودائود کتاب الادب باب الرجل ینادیٔ الرجل
17-
سیرت الحلبیہ جلد3ص97،ابن ہشام جلد4ص91،بخاری مغازی فتح مکہ
-18
ابن سعد جلد3ص235
19-
مسلم کتاب فضائل الصحابہ باب38
20-
مسند احمد جلد1ص277
21-
مسند احمد جلد6ص402،ابن ماجہ کتاب المناسک باب6
-22
مسند احمد جلد4ص252
23-
مسند احمدجلد5ص371
24-
ابن سعد جلد3ص236
25-
اسد الغابہ جلد1ص307،بخاری کتاب المناقب باب بلال ؓبن رباح
منتخب کنز العمال برحاشیہ مسند جلد5ص150
26-
اصابہ جز1ص70
27-
اسدالغابہ جلد1ص208
28-
مسند احمد جلد1ص257
29-
بخاری کتاب المناقب باب مناقب بلالؓ
30-
ابن ماجہ مقدمہ فضائل بلال
31-
مجمع الزوائد جلد9ص300،منتخب کنز العمال برحاشیہ مسند جلد5ص150
-32
مجمع الزوائد جلد9ص300
-33
اصابہ جز1ص171
-34
ابن سعد جلد 3ص238
-35
مسلم کتاب الفضائل باب فضائل بلالؓ،استیعاب جلد1ص260
-36
مجمع الزوائد جلد9ص299
-37
ابن سعد جلد3ص238
-38
اصابہ جز 1ص70،منتخب کنز العمال برحاشیہ مسند احمدجلد5ص149
-39
اسدالغابہ جلد1ص206
-40
اصابہ جز1ص171

حضرت زیدبن حارثہؓ
نام و نسب
حضرت زید ؓ وہ منفرد صحابی رسولﷺ ہیں جن کے نام کااللہ تعالیٰ نے اپنی مقد س دائمی کتاب قرآن مجید میں ذکرکر کے انہیں زندہ جاوید کردیاہے ۔(الاحزاب:38)آپ کااصل نام بُضمہ تھا۔ بنو کلب قبیلے سے تھے اور حارثہ بن شراحیل کے بیٹے تھے۔ آپ کی والدہ سعدیٰ قبیلہ طے کی شاخ بنی معن سے تھیں وہ ایک دفعہ زید کو اس کے ننھیال ملوانے لے گئیں۔ دریں اثناء بنی معن پر ان کے دشمن قبیلے بنی القین نے حملہ کردیااور جن لوگوں کو قید ی بنا کر لے گئے ان میں زید بھی تھے جواس وقت آٹھ برس کے کم سن لڑکے تھے۔ بنی قین نے زیدکوعر ب کے مشہور میلے عکاظ میں آگے فروخت کر ڈالا۔ اب زیدؓ کا ستارہ قسمت جاگا اور قریش کے ایک سردار حکیم بن حزام نے انہیں اپنی پھوپھی حضرت خدیجہ ؓ کے لئے چودہ سو(1400)درہم میں خرید لیا ۔(1 )
رسول اللہ ﷺکی غلامی پر فخر
حضرت خدیجہؓ نے نبی کریم ﷺ سے شادی کے بعد اپنا یہ وفادار غلام اپنے قابل احترام اور عزیز شوہر کی ملکیت میں دے دیا اور زیدؓ نبی کریم ﷺ کی محبت وشفقت میں دن گزارنے لگے ۔ ادھر زیدؓ کی جدائی میں اسکے گھر والوں کا براحال تھا۔ ان کے حال زار کا کسی قدر اندازہ اس مرثیہ سے ہوتاہے جو زیدؓ کے والد نے ان کی جدائی میں کہا۔
بَکَیْتُ عَلٰی زَیْدٍ وَلَمْ اَدْرِ مَافَعَلَ
اَحَیٌّ فَیُرْجٰی اَمْ اَتٰی دُونَہُ الاَْجَلْ
فَیَالَیْتَ شَعْرِی ھَل لَّکَ الدَّ ھرَ رَجْعَۃً
فَحَسْبِیْ مِنَ الدُّنیَا رَجُوعُکَ لِیْ بَجَلْ
تُذَکِّرِنِیہِ الشَّمْسُ عِنْدَ طُلُوعِھَا
وَ تَعْرِضُ ذِکرَاہُ اِذَا قَارَبَ الطِّفَلُ
سَاَعْمَلُ نَصَّ العِیَرِ فِی الاَرْضِ جَاھِدًا
وَلَااَسأَ مُ التِطوَافَ اَوتَسأَمُ الاِ بِل
سَاُوْصِی بِہٖ قَیسْاً وَ عَمْروًا کِلَیھِمَا
وَ اُوَصِی یَزِیْدًا ثُمَّ مِنْ بَعْدِ ھِم جَبَلْ
(ترجمہ)’’ہائے میرے زید نے کیا کیا؟ میں اس کی جدائی پر خون کے آنسو روتاہوں اور نہیںجانتاکہ کیا وہ کہیں زندہ بھی ہے کہ اس کے لوٹنے کی امیدرکھی جائے یا اس پر موت وارد ہو چکی ہے ۔
اے میرے بیٹے زید کاش مجھے معلوم ہوتاکہ تو میرے جیتے جی کبھی لوٹ کر واپس بھی آئے گا۔ اگر میری یہ خواہش پوری ہوجائے تو مجھے دنیا میں کسی اور چیز کی ضرورت نہیں ۔ہر نئے دن کا طلوع ہونے والا سورج مجھے زید کی یاددلاتاہے اور جب کسی بھی معصوم بچے کو میں اپنے پاس دیکھتا ہوں تو زید کا چہرہ سامنے آجاتاہے ۔
میرایہ عزم ہے میں زیدؓ کی تلاش میں روئے زمین پر اونٹوں کو دوڑادوڑاکر تھکا ماروں گا اور خواہ اونٹ تھک جائیں مگر میں اس گردش دنیا سے نہیں تھکوں گا جب تک کہ اپنا مقصد نہ پالوں اور میں اپنے بعد زیدؓ کے بھائیوں قیس اور عمرو اور یزیداور جبل کو بھی یہی وصیت کرتا ہوں کہ وہ اس مقصد کو کبھی نہ بھولیں ۔‘‘
یہی تمنائیں اور ارادے لے کر قبیلہ کلب کے کچھ لوگ حج پر گئے۔ حسن اتفاق سے بالآخر انہوںنے زیدؓ کو تلاش کر ہی لیا اوراسے دیکھتے ہی پہچان لیا ،زیدؓ بھی انہیں پہچان گئے اور اپنے گھر والوں کی حالت زار کا علم پاکر جواباً اپنے اہل خانہ کوا شعار کی زبان میں ہی جو محبت بھر اپیغام بھجوایا اس سے زیدؓ کی ذہانت وفطانت کابھی خوب اندازہ ہوتاہے جس میں انہوں نے ایک طرف اپنے گھر والوں کو تسلی دلانے کی کوشش کی ہے اور دوسری طرف یہ بتایا ہے کہ وہ خود کہاں اور کس حال میں ہیں ۔
زیدؓ کے اشعار کا مفہوم یہ ہے
’’مجھ غریب الوطن کو اپنی قوم سے دور ہونے کی حالت میں ان سے ملنے کا بے حد شوق ہے۔ اگرچہ میں بیت اللہ اور مشعر الحرام کے پاس قیام پذیر ہوں۔ پس اے میری قوم اب اپنے اس غم کو ختم کردوجس نے تمہیں تکلیف میں مبتلا کر رکھا ہے اور روئے زمین پر اپنے اونٹوںکو بھگا کر مت تھکائو میںاللہ تعالیٰ کے فضل کے ساتھ معد قبیلے کے اس بہترین خاندان میں رہتاہوں جو نسلاً بعد نسل ایک معزز خاندان چلاآرہاہے ۔(2)
یہ پیغام جب زیدؓ کے باپ تک پہنچا تو ان کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ رہا وہ بے اختیار محبت والفت کے جذبات سے مغلوب ہوکر یہ کہہ اٹھے رب کعبہ کی قسم !میرابیٹا مل گیا پھر حارثہ ؓ نے اپنے بیٹے زیدؓ کی گردن غلامی سے آزاد کرانے کے لئے فدیہ کاانتظام کیااور اپنے بھائی کعب کو ساتھ لے کر مکہ کے لئے رخت سفر باندھا۔پوچھتے پچھاتے یہ لوگ آنحضرتﷺ کی خدمت میں خانہ کعبہ میں حاضر ہوئے اور یہ مودبانہ درخواست پیش کی اے عبداللہ عبدالمطلب اور ہاشم کے صاحبزادے ! اے اپنی قوم کے سردار ! آپ لوگ جو حرم کے باسی اور بیت اللہ کے پڑوس میں رہنے والے ہیں۔ آپ قیدیوں کوآزا د کرتے اور انہیںکھانا کھلاتے ہیں۔ ہم اپنے بیٹے کے بارہ میں جو آپ کے پاس ہے حاضر ہوئے ہیں۔ ہماری درخواست ہے آپ ہم پر احسان کرتے ہوئے اس کافدیہ قبول کرلیں اور اگر اس سے زیادہ فدیہ کاتقاضہ کریں تو ہم وہ بھی پیش کرنے کے لئے تیارہیں ۔رسولؐاللہ نے تعجب سے پوچھا وہ کون؟ انہوں نے کہازیدؓ بن حارثہ۔ اس پر آنحضرت ؐ نے فرمایا کہ آپ لوگ فدیہ کے علاوہ بھی کسی بات پر راضی ہوسکتے ہیں ؟ انہوں نے کہا کس بات پر ؟آنحضرتﷺ نے فرمایا کہ اسے آزاد چھوڑکر اختیار دے دیا جائے اگر وہ آپ لوگوں کے ساتھ جانے پر راضی ہو تو آپ اسے بغیر فدیہ کے ساتھ لے جاسکتے ہیں لیکن اگر وہ میرے پاس رہنے کا فیصلہ کرے تو خداکی قسم جو شخص مجھے اختیار کرنا چاہتاہے میں اس کے فیصلہ کے خلاف ہرگز نہ کروں گا۔ یہ نہایت منصفانہ فیصلہ سن کر زید کے والد اور چچا کہنے لگے کہ آپ نے تو ہماری توقع سے بھی بڑھ کرانصاف بلکہ احسان کا سلوک ہم سے روارکھا ہے ہمیں یہ فیصلہ بسرو چشم قبول ہے۔ آنحضرت ؐ نے زیدؓ کو بلا کر پوچھا۔ تم ان لوگوں کو جانتے ہو یہ کون ہیں ؟زیدؓ نے عر ض کیا جی ہاں یہ میرے باپ اور چچاہیں تب آپ ؐ نے فرمایااور مجھے بھی تم خوب جانتے ہونا ! تم ایک زمانہ میری صحبت رہے ہواب فیصلہ تمہارے ہاتھ میںہے چاہو توا پنے باپ اور چچا کے ساتھ واپس اپنے وطن چلے جائو اور مرضی ہے تو میرے پاس رہو۔ حضرت زید ؓ نے (جو رسول اللہﷺ کے احسانوں کے نتیجہ میںآپ ؐکے عاشق صادق بن چکے تھے)جو خوبصورت جواب دیاوہ دنیائے عشق ومحبت میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔زید ؓ نے کہا’’اے میرے آقا! میں ہر گزآپؐ کے مقابلے میں کسی اور کے ساتھ جانے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ اب آپ ہی میرے مائی باپ ہیں۔‘‘ زیدؓ کا یہ جواب سن کر اس کے والد اور چچاحیران و ششد رہ گئے۔ انہیں رسولؐ اللہ کے اس حسن واحسان کا اندازہ نہیں تھا جو آپ اپنے غلام زیدؓ کے ساتھ فرماتے تھے ۔وہ کہنے لگے تیر براہو اے زید کیا تو غلامی کوآزادی پر ترجیح دیتاہے ؟کیاتوان کو اپنے باپ اور اپنے چچا اور اپنے سب گھر والوں پر فوقیت دیتاہے؟ زید ؓنے کہا ہاں !’’میں نے اس عظیم الشان انسان سے ایساحسن سلوک دیکھا ہے کہ میرے لئے ممکن ہی نہیں کہ میں کبھی آپ ؐ کے مقابلے پر کسی اور کو ترجیح دے سکوں ‘‘۔(3)
ایک اور روایت میں یہ ذکر ہے کہ زید کے بھائی جبلہ نے بھی حضورﷺ کی خدمت میں عرض کیا کہ میرے بھائی زیدؓ کو میرے ساتھ روانہ کردیں اس پر زیدؓ نے اپنا یہ فیصلہ سنایا کہ وہ ’’آنحضرتﷺ کے مقابلہ پرکسی کوترجیح نہیںدے سکتے ۔‘‘بعد میں جبلہ کہا کرتے تھے کہ میرے بھائی زیدؓ کی رائے میری رائے سے افضل تھی۔(4)واقعی زیدؓ نے جن کے ساتھ وفا کی وہ اس سے کہیں احسان اوروفا کرنے والے تھے۔
آنحضرتﷺزیدکی اس وفا سے بہت خوش ہوئے اور زید ؓ کو اپنے ساتھ خانہ کعبہ میں لے جاکر یہ اعلان کیا ۔’’اے تمام لوگو جو حاضر ہو گواہ رہنا زیدؓ آج سے میرابیٹا ہے میں اس کا وارث اور یہ میرا وارث ہے ‘‘نبی کریمﷺ کے احسان کا یہ سلوک دیکھ کر زیدؓ کے والد اور چچا مطمئن ہوکر واپس لوٹ گئے تب سے زید ؓبن حارثہ زید بن محمد کہلائے ۔(5)
قبول اسلام اور مواخات
اب زیدؓ خاندان رسالت کے فرد بن چکے تھے ۔بعض دوسری روایات سے اندازہ ہوتاہے کہ یہ واقعہ آنحضرت ؐ کے دعوٰی نبوت سے پہلے کاہے چنانچہ روایت ہے کہ آنحضرتﷺ نے جب زید ؓ کو یہ اختیار دیاکہ چاہو تو میرے ساتھ رہواور چاہو تو تم اپنے باپ کے ساتھ چلے جائو تو زید ؓنے آنحضرت ؐ کے قدموں میں رہنے کا فیصلہ کیااور آنحضرتﷺ کے پاس رہے یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ نے آپ ؐ کو نبوت پر سرفراز فرمایا ۔ زیدؓ نے آپ ؐ کی تصدیق کی ۔ آپ کے ہاتھ پر اسلام قبول کیا اور ابتدائی زمانہ میں آپ کے ساتھ نمازیں پڑھتے رہے ۔وہ پہلے مسلمان مرد اور سب سے پہلے نماز پڑھنے والے ہیں۔(6 )
حضرت زید ؓ کے قبول اسلام کے بارہ میں امام زھری کی یہ روایت ہے کہ زید ؓ سے پہلے کسی اور کا قبول اسلام ہمارے علم میں نہیں ۔(7)
اس کی تائید زیدؓ بن حارثہ کی اپنی ایک روایت سے بھی ہوتی ہے جس کا تعلق آغاز وحی اور وضواور نماز سکھا نے کے طریق سے ہے۔ وہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ کے پاس جبرئیل ؑ اول جو وحی لے کر آئے اس میںنبی کریم ﷺ کو وضو اور نماز کا طریق سکھایاگیا۔(8)
حضرت حمزہ ؓ کے قبول اسلام کے بعد آنحضرتﷺ نے زید ؓ اور اپنے چچا حمزہ ؓ میں مواخات قائم فرمائی اور انہیں بھائی بھائی بنادیا ۔اللہ اللہ ایک غلام کی اتنی قدردانی مگرزید اب غلام تونہیں تھے وہ رسولؐ اللہ کے منہ بولے بیٹے بن چکے تھے ۔
اگرچہ بعد میں قرآنی حکم اُدْعُوْھُمْ لِآٓبَائِھِمْ ( الاحزاب :6)کے مطابق زید ؓ بن محمد ﷺ کو دوبارہ زیدؓبن حارثہ کہاجانے لگا۔(9)
رسول کریم ﷺکی محبت اور انتظام شادی
آنحضرت ﷺنے زید ؓ سے محبت واخوت دینی کا رشتہ خوب نبھایا اور ہمیشہ اس محبت والفت کا اظہارفرماتے رہے۔ جب نبی کریم ؐ نے اپنی چچا زاد بہن اور قبیلہ قریش کی معزز خاتون حضرت زینب ؓ بنت جحش کا رشتہ حضرت زید ؓ سے طے فرمایا اور اس طرح خاندانی تفاخر اور آزاد و غلام کی تمیزا ور تفریق کی بد رسم عملاً اپنے پائوں تلے روند ڈالی۔ یہ اور بات ہے کہ مزاج اور طبائع کی ناموافقت کے باعث یہ رشتہ دیر پا ثابت نہ ہوا اور بالاخر حضرت زید ؓ کو طلاق دینی پڑی مگر جیسا کہ اس رشتہ کاقائم ہونا بد رسوم مٹانے کے لحاظ سے تاریخ اسلام کا ایک شاندار واقعہ اور سیر ت رسول ؐ کا ایک خوبصورت نمونہ ہے۔پھر فتح مکہ کے موقع پر حضرت حمزہ ؓ کی جواں سال بیٹی حضورﷺ کی خدمت میںپیش ہوئی توان کی کفالت کا سوال پیدا ہوا حضرت علی ؓاور جعفر ؓ نے اپنی چچازاد بہن کی کفالت پر اپناحق جتلایا ۔حضرت زید ؓ نے عرض کیا یہ میرے دینی بھائی حمزہ ؓ کی بیٹی ہے آنحضرت ؐ نے اگرچہ اس بچی کو حضرت جعفر ؓ کے اہل خانہ کے سپر د کیا لیکن اس موقع پر حضرت زیدؓ سے اپنے دلی تعلق اور لگائو کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا اے زیدؓ واقعی تو ہمارا دینی بھائی ہے تیرے ساتھ ایک محبت کا تعلق ہے ۔(10)
اور امر واقعہ بھی یہی ہے حضرت زید ؓ دراصل حضور ؐ کے گھر کے ایک فرد تھے۔ چنانچہ حضورﷺ نے زیدؓ کی حضرت زینبؓ سے علیحدگی کے بعد اپنی خادمہ ام ایمن ؓ سے ان کی شادی کا انتظام کیا۔ ایک موقع پر آپؐ نے فرمایا کہ ام ایمن ؓ سے شادی کرنے والے کو میں جنت کی بشار ت دیتاہوں ۔یہ بشارت بھی حضرت زید ؓ کے حصے میںآئی۔ حضرت ام ایمن ؓ کے بطن سے حضرت زید ؓ کے بیٹے اسامہ ؓ پیداہوئے اور انہی کی کنیت کی نسبت آپ ابو اسامہ ؓ بھی کہلاتے تھے ۔آنحضرتﷺ کو حضرت زید ؓ اور ان کے خاندان سے جو محبت تھی۔ اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے جو حضرت عائشہ ؓ بیان فرماتی ہیں کہ ایک دفعہ نبی کریمﷺکی موجودگی میں ایک قیافہ شناس آیا۔ اسامہؓ اور زیدؓ دونوں باپ بیٹالیٹے ہوئے تھے۔ اس قیافہ شناس کی نظر جو ان دونوں کے پائوں پر پڑی تو کہنے لگایہ پائوں ایک دوسرے میں سے ہیں۔ حضرت عائشہ ؓ فرماتی ہیں نبی کریمﷺ اس بات سے بہت ہی خوش ہوئے اور یہ بات آپ کو بہت ہی پسند آئی۔ بڑی خوشی سے مجھے یہ بات بتاتے تھے کہ اس طرح ایک قیافہ شناس نے زید ؓ اور اسامہ ؓ کے باپ بیٹا ہونے کی گواہی دی ہے ۔(11)
اسامہ ؓ حضور ﷺ کے گھر میں پلے بڑھے حضور ﷺ اس سے بہت محبت کا سلوک فرماتے تھے بسااوقات اپنی گود میں ایک طر ف حضرت امام حسین ؓ کو اور دوسری طرف حضرت اسامہؓ کو بٹھا لیتے اور خدا تعالیٰ کے حضور دعا کرتے اے اللہ میں ان سے محبت کرتا ہوں تو ابھی ان سے محبت فرما۔
رسول اللہ ﷺ کی حضرت زینبؓ سے شادی
حضرت زید ؓ اور زینب ؓ کی جدائی میں بھی اللہ تعالیٰ کی گہری حکمتیں اور مصلحتیں پنہاں تھیں۔ دراصل یہ ایک الہٰی تقدیر تھی ۔حضرت زینبؓ رسولؐ اللہ کے عقد میں آئیں اور متبنّٰی کی رسم کا حقیقی طور پر خاتمہ ہو ا جیساکہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے
(الاحزاب :38)
یعنی جب زیدؓ نے اس عورت کے بارہ میں اپنی خواہش پوری کر لی یعنی طلاق دے دی تو ہم نے اس عورت کا تجھ سے بیاہ کردیا تاکہ مومنوں کے دلوں میںاپنے لے پالکوں کی بیویوں سے نکاح کرنے کے متعلق ان کو طلاق دے دینے کی صورت میں کوئی خلش نہ رہے اور خدا کا فیصلہ بہر حال پورا ہو کر رہنا تھا ۔
متبنّٰی کی رسم کالعدم ہونے کے حوالے سے حضرت زید ؓ کو یہ منفرد سعادت اور اعزاز و شرف بھی حاصل ہوگیا کہ وہ واحد صحابی رسول ہیںجن کا نام قرآن شریف میں مذکورہوا۔ اس پر طرہ یہ کہ اسی موقع پر قرآن شریف میں آنحضرت ﷺ کا مقام خاتم النبیین کے حوالے سے بیان کیا گیا کہ آپ مسلمان مردوں میں سے کسی کے حقیقی باپ نہیں ہیں بلکہ اللہ کے رسول اور خاتم النبین ہیں گویا آپ کو روحانی ابوت اپنی امت بلکہ تمام انبیاء کی حاصل ہے ۔
حضرت زینب ؓ کے ساتھ عقد کی الہٰی تقدیر کے پورا کرنے کے لئے آقا ومولا حضرت محمد مصطفیؐ نے جو خوبصورت تد بیر اختیار کی، اس پر دل عش عش کر اٹھتاہے اور آنحضرت ﷺ کے اخلاق فاضلہ اور اپنے خدام کے جذبات کا خیال رکھنے کے لحاظ سے انسان آپ ؐ کو داددئیے بغیر نہیں رہ سکتا۔ چنانچہ حضورؐ نے حضرت زینب ؓ کو شادی کا پیغام بھجوانے کے لئے حضرت زید ؓ ہی کا انتخاب فرمایا۔ یہ احکام پردہ کے نزول سے پہلے کی بات ہے، حضرت انس ؓبیان کرتے ہیں کہ جب حضرت زینب ؓ کی عدت ختم ہوگئی تو رسول اللہ ﷺ نے حضرت زیدؓکو فرمایاکہ آپ میری طرف سے حضرت زینب ؓ کے پاس جاکر میرا شادی کا پیغام دیں ۔حضرت زید ؓ گئے تو حضرت زینب ؓ گھر کے کام کاج میں مصروف تھیں حضرت زیدؓ کا اپنا بیان ہے کہ آنحضرت ﷺ کے اس پیغام کی وجہ سے حضرت زینب ؓ کا ایک عظیم مقام میرے دل میں پیدا ہوچکا تھایہاں تک کہ مجھے ان کی طرف دیکھنے اور نظریں ملانے کی بھی ہمت نہیں ہورہی تھی۔چنانچہ میں ان کی طرف پشت کرکے کھڑا ہوگیا اوروہیں سے انہیں متوجہ کرکے آوازدی کہ اے زینب ؓ آپ کو بشارت ہومجھے خدا کے رسولﷺنے آپ کے پاس شادی کا پیغام دے کر بھیجا ہے حضرت زینب ؓ نے بھی کیسا پاکیزہ اور متوکلانہ جواب دیا میں کسی بھی کام کافیصلہ استخارہ کے بغیرنہیںکرتی ۔چنانچہ اسی وقت وہ اپنی سجدہ گاہ میں دعا کے لئے کھڑی ہوگئیں ۔دریں اثناء قرآن شریف کی سورۃ احزاب کی آیت 38بھی نازل ہوگئی جس میں حضرت زینب ؓ سے آنحضرت ؐ کے نکاح کا ذکر ہے چنانچہ اس کے بعد یہ رشتہ طے پایا۔(12)
ہجرت مدینہ
جب مدینہ ہجرت ہوئی تو حضرت زید کلثوم ؓ بن ہدم کے مکان پر آکر ٹھہرے ۔نبی کریمﷺ نے قبیلہ اوس کے سردار اسیدؓ بن حضیر اورحضرت زید ؓ کی مواخات قائم فرمائی۔ جب عقبہ بن ابی معیط سردار قریش کی بیٹی ام کلثوم ؓ ہجرت کر کے مدینہ تشریف لائیں تو حضورﷺکے ہم زلف حضرت زبیر ؓ بن العوام آپ ؐ کے داماد حضرت عثمان ؓبن عفان معززین قریش حضرت عبد الرحمان ؓ بن عوف اور حضرت عمر و ؓ بن العاص نے انہیں شادی کا پیغام بھیجا۔ حضرت زید ؓ نے بھی پیغام بھجوایا۔ ام کلثوم ؓ نے رسول کریمﷺ سے مشورہ کیا توآپ نے حضرت زید ؓ کے حق میں رائے دی چنانچہ ام کلثوم ؓ سے ان کی شادی ہوگئی۔
حضرت زید ؓ زبردست تیر انداز تھے اور غیر معمولی قائدانہ صلاحیتیں رکھتے تھے۔ جملہ غزوات بدر ،احد،خندق ،حدیبیہ ،خیبر اور فتح مکہ میں شرکت فرمائی ۔غزوۃ المریسیع کے موقع پر نبی کریم ﷺ نے آپ کو مدینہ میں امیر مقرر فرمایا۔ اس کے علاوہ آنحضرت ؐ نے نو مہمات مختلف اطراف میں حضرت زید ؓکی سرکردگی میں بھجوائیں اور انہیں ان کا امیر مقرر فرمایا ۔ حضرت سلمہ ؓ بن الاکوع بیان کرتے ہیں کہ میں رسول کریم ؐ کے ساتھ سات غزوات میں شریک ہوا اور حضرت زیدؓ بن حارثہ کے ساتھ نو مہمات میں شریک ہوا جن میں رسول کریمؐ نے انہیںہم پرامیر مقرر فرمایا ۔(13)
حضرت زیدؓ ایک دعا گو اور خدا پر توکلّ کرنے والے انسان تھے۔ ایک دفعہ انہوں نے طائف سے خچر اور مزدور کرایہ پر لیا۔راستہ میں ایک ویرانہ آیا تو خچر والے نے وہاںرک کرانہیں اتار دیا۔ کیا دیکھتے ہیں کہ وہاں کئی لاشیں پڑی ہیں۔حضرت زیدؓ کو بھی اس نے قتل کرنا چاہا تو انہوں نے خواہش کی کہ مجھے دورکعت نماز ادا کر لینے دو۔اس نے کہا ان سب لوگوں نے بھی ایسا ہی کیا تھا مگر نماز ان کے کچھ کام نہ آئی۔نماز کے بعد جب وہ مزدورانہیں قتل کرنے لگا تو انہوں نے دعا کی کہ اے ’’ارحم الراحمین!‘‘ اچانک ایک آوازآئی’’ اسے قتل نہ کرو۔‘‘وہ ڈر گیا ادھر ادھر دیکھا تو کچھ نظر نہ آیا تین دفعہ ایسا ہوا پھر اچانک ایک گھڑ سوار نمودار ہوا جس کے ہاتھ میں لوہے کی برچھی تھی اور سر پر آگ کا شعلہ نظرآتا تھا۔اس سوار نے اس شخص کو ہلاک کر دیا پھر اس فرشتہ نے زیدؓ سے کہا کہ جب تم نے پہلی دفعہ کہا ارحم الراحمین تو میں سا تویں آسمان پر تھا۔دوسری آواز پر دوسرے آسمان پر اور تیسری پر تمہارے پاس تمہاری مدد کو پہنچا۔ (14)
قائدانہ صلاحیت اور سنت رسولﷺ
حضرت عائشہ ؓ بیان فرماتی ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے جب بھی کسی لشکر میں حضرت زیدؓ بن حارثہ کو روانہ فرمایا ہمیشہ لشکر کی امارت ان ہی کے سپرد فرمائی اور اگر وہ آپؐ کے بعد زندہ رہتے تو شاید انہیں آپ کی جانشینی کی بھی توفیق ملتی ۔بے شک یہ حضرت عائشہ ؓ کی اپنی ذاتی رائے ہے، مگر اس سے بنی کریم ؐ کے نزدیک حضرت زید ؓ کے مقام کا اندازہ بھی ہوتا ہے حضرت زید ؓ کے بعد نبی کریم ؐ نے ان کے جواں سال بیٹے اسامہ ؓ کو اپنی وفات سے پہلیایک لشکر کا امیر مقرر فرمایا تواس پر بعض لوگوں نے اعتراض کیا نبی کریم ؐ نے اس موقع پر ایک تقریر فرمائی ۔چنانچہ حضرت عبداللہ ؓ بن عمر کابیان ہے کہ آپؐ نے فرمایا کہ’’ آج تم نے اسامہ ؓ کی امارت پر اعتراض کیاہے تم نے اس سے پہلے اس کے باپ کی امارت پر بھی اعتراض کیا تھا اور خدا کی قسم اسامہ ؓ امارت کے لائق اور قابل ہے اور وہ مجھے سب لوگوں سے زیادہ پیارا ہے ۔‘‘ ( 15)
حضرت زید ؓ کے لئے ان کی قائدانہ صلاحیتوں کے بارہ میں نبی کریم ؐکایہ اظہار یقینا قابل رشک ہے حضرت زید ؓ سے رسول کریمؐ کی محبت کے بے ساختہ اظہارکاایک خوبصورت واقعہ حضرت عائشہ ؓ یوں بیان فرماتی ہیںکہ زید ؓبن حارثہ کسی مہم سے واپس مدینہ تشریف لائے اور رسول کریمؐ میرے گھر میںتشریف فرماتھے۔ حضرت زیدؓ ملاقات کے لئے حاضر خدمت ہوئے اور دروازہ کھٹکھٹایا ۔آنحضرت ؐ اپنے اس فدائی خادم کے استقبال کے لئے کھڑے ہوگئے۔ ان کا بوسہ لیا اور گلے لگایا ۔(16 )
حضورﷺ کی اس محبت شفقت کے باعث تمام صحابہ آپؐ سے محبت کرتے تھے۔ حضرت عبداللہ بن عمر ؓ بیان کرتے ہیں کہ جب حضرت عمر ؓ خلیفہ ہوئے تو انہوں نے حضرت اسامہ ؓ بن زید کے لئے ساڑھے تین ہزار درہم اور میرے لئے تین ہزار کا وظیفہ مقرر کیا ۔میں نے اپنے والد حضرت عمر ؓ سے درخواست کی کہ آپ ؓ نے اسامہ ؓ کو مجھ پر فضیلت دی ہے حالانکہ غزوات میں شرکت کے لحاظ سے انہیں مجھ پر کوئی سبقت حاصل نہیں ہے حضرت عمر ؓ نے کیا پیارا جواب دیاکہ اسامہ ؓ کاباپ نبی کریمؐ کو تمہارے باپ سے زیادہ محبوب تھا اور اسامہ ؓ آپ ﷺ کو تم سے زیادہ عزیز تھاپس میں نے آنحضرت ؐ کے حبیب کواپنے پیار پر ترجیح دی ہے ۔(17 )
غزوہ موتہ میں بنی کریم ؐ نے حضرت زیدؓ کواس لشکر پرامیر مقرر فرمایا جس میں حضور ؐ کے عم زاد بھائی حضرت جعفر ؓ بن ابی طالب اور حضرت عبداللہ ؓ بن رواحہ اور خالد ؓ بن ولید جیسے آزمودہ کا رجرنیل شامل تھے۔ مگر آنحضرت ؐ نے حضرت زید ؓ کو امیر مقرر فرمایا جس پربعض کو تعجب بھی ہوا ۔حضرت جعفرؓ ؓنے تو اس تعجب کا اظہارکرتے ہوئے عرض کیاکہ یارسول اللہﷺ مجھے چنداں یہ اندیشہ نہ تھاکہ آپ زیدؓ کو مجھ پر امیر مقرر فرمائیں گے (ممکن ہے انہیں عبد اللہ ؓبن رواحہ یا خالد ؓ کی امارت کا گمان غالب ہو)نبی کریم ؐ نے فرمایا اللہ کانام لے کر کوچ کرو۔ اسی میں تمہارے لئے بھلائی ہے ۔(18)
زیدؓ کی شہادت اور نیک انجام
جب غزوہ مؤ تہ میں اسلامی فوج مشرکین کے آمنے سامنے ہوئی اور جیساکہ اس زمانہ کا دستور تھا کہ امیر لشکر سواری پر سوار ہونے کی بجائے پید ل ہی جھنڈا اٹھا کر جنگ میں شریک ہو ا کرتا تھا ۔(جس سے لشکر کے حوصلے اس خیال سے کہ امیر لشکر میدان میں موجود ہے بلند ہوتے تھے )حضرت زید ؓ بن حارثہ نے جھنڈا اٹھا یا اور دو بدودستی لڑائی کا آغاز کیا اور لشکر نے آپ کا ساتھ دیا۔ اسلامی لشکر کی صفیں جمی ہوئی تھیں اور ان کے پائوں نہیں اکھڑ رہے تھے کہ اس دوران دشمن کی فوج نے حضرت زیدؓ سالار لشکر کو نشانہ بنا کر تیروں کی بوچھاڑ کردی حضرت زید ؓ نے اس وقت خوب خوب دادشجاعت دی۔ رسولؐ خدا کے انتخاب امارت کا حق ادا کردکھایا۔ نیزوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جان دے دی مگر لشکر کے پائوں اکھڑنے نہیں دئیے ۔ حضرت زید ؓ کی عمرپچپن سا ل تھی ۔جب انہوںنے جام شہادت نوش کیا۔
اللہ تعالیٰ حضرت زید ؓکی اس بہادرانہ شجاعت کی خبرنبی کریم ﷺ کو فرمادی۔ آپؐ نے زید ؓ کی نماز جنازہ ادا کی اور فرمایا اس کی بخشش کی دعا کرو۔ وہ تودو ڑتے ہوئے جنت میں داخل ہوا ۔(یعنی جس شجاعت سے دوڑتے ہوئے آگے بڑھ کر جان دی ہے اللہ تعالیٰنے بھی اپنی رضاکی جنتوں کے دروازے اس پر کھول دئیے )اسی طرح رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ میں جنت میں داخل ہوا تو ایک خوبصورت لڑکی دیکھی جس کے حسن سے مجھے تعجب ہوا۔ میں نے پوچھایہ کس کی خادمہ ہے۔بتایا گیا کہ زیدؓ بن حارثہ کی ہے۔(19)
خالد بن شمر بیان کرتے ہیں کہ جب حضرت زید ؓکی شہادت کی خبر نبی کریمﷺ کو ہوئی اور آپ ؐ اپنے صحابہ کے پاس تشریف لائے تو حضرت زیدؓ کی صاحبزادی روتے ہوئے نبی کریم ؐسے لپٹ گئیں حضوؐر بھی رو پڑے ۔یہاں تک کہ شدت غم سے اپنے اس حبیب کی جدائی میں روتے ہوئے آپؐ کی سسکی نکل گئی۔ اس پر سعد ؓ بن عبادہ نے عرض کیا رسول ؓ اللہ یہ کیا ماجرا ہے ؟ فرمایا یہ ایک حبیب کا اپنے محبوب سے اظہار محبت ہے ۔رسول کریمؐ نے فرمایا مجھے لوگوں میں سب سے زیادہ پیارا وہ ہے جس کے بارہ میں اللہ فرماتا ہے کہ اللہ نے اس پر انعام کیا ہے اور رسولؐ نے بھی( یعنی زیدؓ)(20)
سبحان اللہ!کیسا عظیم وہ عاشق صادق تھاجو اپنے پیارے خدام کی محبت کی ایسی لاج رکھتا تھا اور کتنا سعادت مند تھا وہ خادم رسول جو یہ مرتبہ بلند پاگیا کہ حبیب کبریاء کا حبیب ٹھہرا۔ سچ تویہ ہے اے زید ؓ ! آپ صرف حضرت محمد مصطفی ﷺکے ہی حبیب نہیں رہے بلکہ کل عالم کے حبیب ہوگئے ہیں ۔ ہاں ! ہر اس عاشق رسول کے محبوب جو اپنے آقا ومولا پراپنی جان اور اپنی روح اور اپنی ہر عزیز ترین چیز نچھاور کرنے کو تیار ہے اور محبت رسول ﷺ جس کے ایمان کا جز و ہے اور خدا کا رسول جسے اپنی اولاد اور ماں باپ سے بھی زیادہ پیاراہے ۔
حوالہ جات
1-
ابن سعد جلد3ص41,42،اصابہ جز3ص 25
2-
ابن سعد جلد 3ص41،استیعاب جلد2ص116
3-
ابن سعد جلد 3ص45،اصابہ جز 3ص25
4-
ترمذی ابواب المناقب ذکرزیدبن حارثہ ،منتخب کنز العمال برحاشیہ جلد5ص186
5-
اصابہ جز3ص25
6-
مجمع الزوائد جلد نمبر 9ص274،منتخب کنز العمال جلد5ص 186
7-
ا صابہ جز3ص25
8-
مسند احمد جلد نمبر 4ص161
9-
مجمع الزوائد جلد 9ص274
-10
مسند احمد حنبل جلد نمبر 1ص98
-11
بخاری کتاب لمناقب باب مناقب زیدؓ
-12
مسند احمد بن حنبل جلد 3ص195
-13
ابن سعد جلد 3ص45
-14
استیعاب جلد2ص118
-15
بخاری کتاب المناقب باب مناقب زید بن حارثہ،منتخب کنز العمال جلد5ص186
-16
ترمذی ابواب المناقب باب منا قب زیدؓ بن حارثہ
-17
ترمذی ابواب المناقب باب مناقب زید ؓبن حارثہ
-18
مسند احمدبن حنبل جلد 5ص300
-19
ابن سعد جلد 3ص46،منتخب کنز العمال برحاشیہ جلد5ص186
-20
ابن سعد جلد 3ص46,47،ترمذی کتاب المناقب

حضرت اسامہ بن زیدؓ
نام و نسب
حضرت اسامہؓ رسول اللہﷺ کے آزاد کردہ غلام زید بن حارثہؓ کے فرزند تھے۔ زید یمن کے معزز قبیلہ سے تعلق رکھتے تھے۔ انہیں غلام بنا کر عرب کے مشہور میلہ ’’عکاظ‘‘ میں بیچا گیا۔ حضرت حکیمؓ بن حزام نے اپنی پھوپھی حضرت خدیجہؓ کے لئے خریدا انہوں نے رسول اللہﷺ سے شادی کے بعد زیدؓ کو آنحضرتﷺ کے سپرد کردیا۔
قبول اسلام اور محبت رسولؐ
زید بن حارثہؓغلاموں میں سے سب سے پہلے اسلام لائے۔ جب ان کے والدین انہیں تلاش کرتے کرتے مکہ پہنچے اور آنحضورﷺسے عرض کی کہ زیدؓ کو گھر جانے کی اجازت دی جائے تو آپ نے انہیں کو بلا کر اختیار دیا کہ چاہو تو والدین کے ساتھ چلے جائو اور چاہو تو میرے پاس رہو۔ زیدؓ کا دل رسول عربیﷺکا غلام ہوچکا تھا۔ بے اختیار بول اٹھے۔ ’’خدا کی قسم میں آپ پر ہر گز کسی کو ترجیح نہیں دوں گا۔‘‘
چنانچہ آنحضرتﷺ نے انہیں آزاد کردیا بلکہ انہیں اپنا منہ بولا بیٹا(لے پالک) بنا لیا اور آپ زید بن حارثہؓ کے بجائے زید بن محمدؐ کہلانے لگے۔ (آیت اُدعُوھُم لِآَبَاْئِھِم (الاحزاب:6)کے نازل ہونے پر آپ کو پھر زیدؓ بن حارثہ کہا جانے لگا)۔
آنحضرتﷺنے زید سے فرمایا تھا کہ اے زیدؓ تو ہمارا بھائی اور آزاد کردہ ہے۔ (1)
اسامہؓ کی والدہ رسول خداﷺ کی والدہ محترمہ حضرت آمنہ کی کنیز تھیں نام برکہ تھا۔ ام ایمن کی کنیت سے مشہور تھیں۔ انہیں بھی کچھ عرصہ بطور آیا اور کھلائی رسول کریمﷺ کی دیکھ بھال اور پرورش کی سعادت حاصل ہوئی تھی۔ جب حضرت آمنہ یثرب میں آنحضوؐر کے ننھیال ملنے تشریف لے گئیں تو ام ایمنؓ ساتھ تھیں۔ واپسی سفرپر ابواء مقام میں حضرت آمنہؓ کی وفات ہوئی۔ حضرت امّ ایمنؓ نے ہی اس یتیم لیکن عظیم الشان بچے کو مکہ میں لاکر ان کے دادا عبدالمطلب کے سپرد کیا تھا۔
رسول ؐاللہ ام ایمنؓ کو اماں کہہ کر پکارتے تھے۔ ایک دفعہ حضورؐ نے فرمایا کہ اگر کوئی شخص جنتی عورت سے شادی کرنا چاہے تو ام ایمنؓ سے کر لے۔ حضرت زیدبن حارثہؓ نے یہ سنا تو ان کے ساتھ نکاح کر لیا۔ پھر ان کے بطن سے اسامہؓ پیدا ہوئے۔ یہ سارا خاندان رسولؐ اللہ کا منظور نظر تھا۔ (2)
غلام زادے سے محبت
اسامہؓ اور زیدؓ کی خوش قسمتی ملاحظہ ہو کہ دونوں کو حبِّ رسولﷺیعنی رسول اللہ ؐ کے محبوب کا لقب دربار نبویؐ سے ملا۔ حضرت اسامہؓ کی کنیت ابو محمدؐ اور ابوزید بھی مشہور تھی۔ حضرت اسامہؓ نے تو اپنی انگوٹھی پر بھی حبِّ رسول کندہ کروایا تھا یعنی رسولؐاللہ کا پیارا۔
آنحضرتﷺ کو اسامہؓ سے خاص محبت تھی۔ حضرت عمرؓ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺنے فرمایا ’’ اسامہؓ مجھے تمام لوگوں سے زیادہ محبوب ہے سوائے(میری بیٹی) فاطمہؓ کے‘‘
حضرت عائشہؓ روایت کرتی ہیں کہ: ’’اسامہؓ ہمارے دروازے کی دہلیز پر ٹھوکر کھاکر گر پڑے، چوٹ آئی، خون پھوٹ پڑا۔ رسول اللہﷺ نے مجھے خون صاف کرنے کو فرمایا۔ میں نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور کراہت محسوس کی تو رسول اللہ ﷺنے انہیں بوسہ دیا اور خود اپنے ہاتھ سے خون صاف کیا اور فرمایا اگر اسامہ لڑکی ہوتی تو میں اسے عمدہ پوشاک و لباس پہناتا اور زیور سے آراستہ کرتا۔‘‘
غالباً یہ اس کے بعد کا واقعہ ہوگا جو حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں کہ ایک دفعہ حضور ﷺنے اسامہؓ کی ناک صاف کرنا چاہی۔ میں نے عرض کی حضورﷺ چھوڑیئے میں کردیتی ہوں۔ فرمایا عائشہؓ اسامہؓ سے محبت کیا کرو میں بھی اس سے محبت کرتا ہوں۔‘‘(3)
خود اسامہؓ کہتے ہیں کہ آنحضرتؐ انہیں اور حضرت حسینؓ کو دونوں رانوں پر بٹھا لیتے اور فرماتے ’’اے اللہ ان دونوں سے محبت کر میں بھی ان سے محبت کرتا ہوں۔‘‘رسول کریمﷺنے حجتہ الوداع کے موقع پر عرفات سے واپسی پر تاخیرکی آپ کسی کا انتظار فرمار ہے تھے کچھ دیر بعد ایک سیاہ فارم لڑکا آیا تو پتہ چلا کہ اسامہؓبن زید کا انتظار تھا۔اہل یمن کہنے لگے کیا اس کی خاطر ہم روکے گئے۔حضرت ابوبکرؓ اور حضرت عمرؓبھی آپ سے محبت کا سلوک فرماتے تھے ۔ حضرت عمرؓ نے اسامہؓ کا وظیفہ پانچ ہزار اور اپنے بیٹے کا دو ہزار مقرر کیا۔ حضرت ابن عمرؓ نے پوچھاآپ ؓ نے اسامہؓکو مجھ پر فضیلت دی ہے حالانکہ میں ان غزوات میں بھی شریک ہوا جن میں وہ شریک نہ ہوسکے انہوںنے فرمایا اسامہؓ رسول اللہﷺ کو تم سے زیادہ پیارا تھا اور اس کا باپ رسول اللہ ﷺکو تمہارے باپ سے زیادہ پیارا تھا۔اس وجہ سے میں نے اسے تم پرترجیح دی۔
لیکن یہ محبت محض للہ تھی کبھی احکام الٰہی میں روک نہیں بنی۔ چنانچہ ایک دفعہ قبیلہ مخزوم کی ایک معزز عورت نے چوری کی اس کی شرعی سزا ہاتھ کاٹنا تھی۔ جو قبیلہ کے لئے بے عزتی کا باعث تھی۔ لوگوں نے سوچا کہ حضورﷺ سے کون سفارش کرے۔ بالآخر اس نتیجہ پر پہنچے کہ اسامہؓ کے سوا اور کوئی یہ جرأت نہیں کرسکتا کہ وہ رسول خداﷺکو سب سے زیادہ پیارے ہیں۔ چنانچہ اسامہؓ کو بھیجا گیا تو حضورﷺ نے نہایت درجہ عدل کو ملحوظ رکھتے ہوئے اسامہ ؓ کو ڈانٹ دیا اور فرمایا’’اسامہؓ! کیا تو اللہ کی حدود کے بارہ میں سفارش کرتا ہے۔ بنی اسرائیل میں کوئی معزز چوری کرتا تو وہ اسے چھوڑ دیتا اور اگر کمزور ایسا کرتا تو اس کے ہاتھ کاٹ دیتے پس اگر اس عورت کی جگہ میری بیٹی فاطمہ بھی ہوتی تو میں اس کے بھی ہاتھ کاٹ دیتا۔‘‘(4)
دینی خدمات
حضرت زیدؓ 9ھ ؁ میںجنگ موتہ میں رومی سرحد پر شہید ہوگئے۔ آنحضرت ؐنے وفات سے قبل رومیوں کے مقابلہ کے لئے جو لشکر تیار کیا اس کا امیر حضرت اسامہؓ کو مقرر فرمایا۔ اس لشکر میں حضرت ابوبکرؓ اور حضرت عمرؓ ایسے کبار صحابہ بھی شامل تھے۔ اسامہؓ اس وقت اٹھارہ برس کے تھے۔ اس لشکر کا پڑائو جرف مقام پر تھا( جو مدینہ کے قریب ہی ہے)۔ حضورﷺ بیمار ہوگئے اور یہی بیماری مرض الموت ثابت ہوئی۔ چنانچہ حضورؐ کی علالت کے پیش نظر یہ لشکر روک دیا گیا۔ اسامہ جرف سے ملاقات کو آئے۔ حضورؐ خاموش تھے۔ بات نہ کرتے تھے۔ اسامہؓ کہتے ہیں ’’جب میں حاضر ہوا تو حضورؐ نے دونوں ہاتھ مجھ پر رکھے اور پھر دونوں ہاتھ اٹھائے۔ میں جانتا ہوں کہ حضورؐ میرے لئے دعا فرمارہے تھے۔‘‘
سبحان اللہ آقا کی غلام پر شفقت کا عجیب عالم ہے کہ مرض الموت میں بھی اس یتیم بچہ کے لئے دعا گوہیں۔ دراصل یہ آپؐ کی طبعی محبت کا اظہار تھا۔ (5)
حضرت زیدؓ کی شہادت پر اسامہؓ کی بہن کو رسول اللہ ﷺنے روتے دیکھا تو آپؐ بھی روپڑے تھے۔ سعدؓ بن عبادہ نے عرض کی حضورﷺ یہ کیا؟ فرمایا یہ جذبہ محبت ہے۔
غزوات میں شرکت
آنحضرتؐ کے زمانہ میں حضرت اسامہؓ کم سن تھے۔تاہم آپ کو بھی بعض لڑائیوں میں شامل ہونے کا موقع ملا۔ چنانچہ ان کا ایک مشہور واقعہ ہے کہ ایک لڑائی کے موقع پر ایک کافر سامنے آیا۔ جب اسامہؓ وار کرنے لگے تو اس نے کلمہ شہادت پڑھ دیا کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں۔ حضرت اسامہؓ نے اسے قتل کردیاکہ موت کے ڈر سے کلمہ پڑھا ہے۔ حضرت اسامہؓ کہتے ہیں کہ میں نے رسول پاک ؐ کے پاس اس واقعہ کا ذکر کیا تو آپؐ نے فرمایا کیا اس شخص کے کلمہ شہادت پڑھنے کے بعد تو نے اسے قتل کردیا؟ میں نے عرض کی حضورؐ اس نے تو محض بچنے کی خاطر کلمہ پڑھا تھا۔ فرمایا کہ کیا تونے اس کادل چیر کر دیکھ لیا تھا۔ اور پھر فرمایا کہ کیا تو نے اسے کلمہ شہادت پڑھنے کے باوجود قتل کردیا؟
اسامہؓ کہتے ہیں کہ حضورﷺ نے یہ فقرہ(ناراضگی کے عالم میں) اتنی بار دوہرایا کہ میں نے چاہا کہ کاش میں آج سے پہلے مسلمان نہ ہوتا۔ آج اسلام لاتا تو یہ غلطی سرزد نہ ہوتی اور رسول اللہ ﷺ کی اس ناراضگی سے بچ جاتا۔ (6)
اسامہؓ کہتے ہیں کہ اس کے بعد میں نے عہد کرلیا کہ آئندہ کبھی کسی شخص کو جو لَااِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ پڑھے گا۔ قتل نہیں کروں گا۔ اسی لئے آپ حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے زمانہ میں ان کے ساتھ جنگوں میں شامل نہ ہوئے اور یہی وجہ پیش کی کہ مبادا جنگ میں کسی کلمہ پڑھنے والے شخص کو قتل کر بیٹھوں۔
آپ نے حضرت عثمانؓ کی شہادت کے بعد ایام فتن دیکھے، لیکن فتنوں سے علیحدہ رہے اور یہ زمانہ الگ تھلگ گزادیا۔ علی بن خشرم کہتے ہیں کہ میں نے امام وکیع سے پوچھا کہ فتنہ میں کون محفوظ رہا تو فرمانے لگے۔ آنحضرت ﷺکے صحابہ میں سے جو معروف لوگ فتنہ سے محفوظ رہے وہ چار ہیں۔ سعد ؓبن مالک، عبداللہؓ بن عمر، محمدؓ بن مسلمہ اور اسامہ ؓبن زید۔(7)
امیر لشکر
آنحضرتﷺنے جب اٹھارہ برس کی عمر میںحضرت اسامہؓ کو امیر لشکر مقرر فرمایا تو بعض لوگوں نے کم سن اور غلام کا لڑکا ہونے کی وجہ سے ان کی امارت پر اعتراض کیا۔ آنحضرتؐکھڑے ہوئے اور فرمایا: ’’تم اسامہؓ پر عیب لگاتے ہو اور اس کی امارت پر اعتراض کرتے ہو اس سے پہلے تم نے اس کے باپ کے بارہ میںبھی ایسا ہی کیا تھا۔ حالانکہ وہ امارت کا اہل تھا اور تمام لوگوں سے زیادہ وہ مجھے محبوب تھا او ر اب اس کا یہ بیٹا اس کے بعد مجھے تمام لوگوں سے زیادہ پیارا ہے۔ پس اس کے بارہ میں تمہیںتاکیدی حکم دیتا ہوں۔ وہ تمہارے نیک لوگوں میں سے ہے۔‘‘(8)
نیز رسول اللہﷺ نے مرض الموت میں اسامہؓ کے زیر قیادت لشکر کی روانگی کی وصیت فرمائی۔
چنانچہ آنحضرتﷺ کی وفات ہوئی تو حضرت ابوبکرؓ خلیفہ اوّل نے لشکر روانہ کرنے کے بارے میں مشورہ کیا تو حضرت عمرؓ نے رائے پیش کی کہ ان نازک حالات میں جبکہ نومسلم مرتد ہوچکے ہیں اور بہتیرے زکوٰۃ سے منکر ہیں۔ اندرونی انتشار کو فرو کرنے کے بعد یہ لشکر روانہ کیا جائے۔ حضرت ابوبکرؓ نے نہایت جلال سے فرمایا’’خدا کی قسم اگر مدینہ کی گلیوں میں کتے عورتوں کو گھسیٹتے پھریں تو بھی اسامہؓ کے لشکر کو نہیں روکوں گا۔ کیا قحافہ کا بیٹا ابوبکرؓخلیفہ بنتے ہی پہلا کام یہ کرے کہ رسول اللہﷺ کا قائم کردہ لشکر روک دے۔‘‘
چنانچہ ان نازک حالات میں حضرت ابوبکرؓ نے اسامہؓ کے لشکر کو روانہ فرما دیا۔ آپ شہر کے باہر تک الوداع کرنے ساتھ گئے۔ اسامہؓ گھوڑے پر سوار تھے اور خلیفۃ الرسولؐ حضرت ابوبکرؓ ساتھ پیدل چل رہے تھے۔ تب حضرت ابوبکرؓ نے اسامہؓ سے کہا’’اگر مناسب سمجھو تو عمرؓ کو میری مدد کے لئے پیچھے چھوڑ دو۔‘‘
چنانچہ حضرت اسامہؓ نے حضرت عمرؓ کو بخوشی اجازت دے دی۔اسی موقع پر بعض لوگوں نے پھر اسامہؓ کی امارت پر اعتراض کیا اور حضرت ابوبکرؓ سے عرض کی کہ امیر لشکر کسی تجربہ کار شخص کو بنایا جائے۔ جبکہ لشکر میں بے شمارایسے لوگ موجود ہیں۔ آپ نے فرمایا کہ آنحضرتﷺ نے جسے قائد مقرر فرمایا تھا، وہی اس لشکر کاامیر ہوگا۔ حضرت عمرؓ خلیفہ ہوگئے مگر پھر بھی جب حضرت اسامہؓ سے ملتے تو فرماتے اے امیر! آپ پر سلامتی ہو۔ اسامہؓ کہتے امیر المؤمنین!اللہ تعالیٰ آپؓ کو معاف فرمائے آپ ؓمیرے جیسے غلام کیلئے یہ الفاظ استعمال فرماتے ہیں ۔حضرت عمرؓ فرماتے میں تو آپ ؓ کو تاحیات امیر کہتا رہونگا کیونکہ جب رسول اللہ ﷺفوت ہوئے تو آپ ہی ہم پر امیر مقرر تھے۔(9)
حضوؐر کے وصال کے وقت حضرت اسامہ کی عمرقریباً18، 20سال تھی۔ آپ نے براہ راست آنحضرتﷺ سے بھی احادیث رواکی ہیں۔ اپنے والد زید بن حارثہؓ اور والدہ ام ایمنؓ سے بھی اور آپ سے دو بیٹوںحسن اور محمد کے علاوہ حضرت ابن عباسؓ، ابوہریرہؓ، عروہ بن زبیرؓ، حسن بصریؓ، عبیداللہ بن عبداللہؓ، ابوعثمان الہندی وغیرہم روایت کرتے ہیں۔ آپ کا سینہ اقوال النبیؐ کا خزینہ تھا۔ بڑے بڑے صحابہ کو جس بات پر شک ہوتا ان کی طرف رجوع کرتے۔ آخری عمر میں آپ دمشق کی ایک بستی مزّہ میں کچھ عرصہ سکونت پذیر رہے پھر وادی القری میں کچھ عرصہ ٹھہرے۔ آخر میں مدینہ تشریف لائے اور حضرت عثمانؓ کی شہادت کے بعد جرف کے مقام پر 54ہجری میں قریباً 64سال کی عمر میں انتقال فرمایا۔ بعض کے نزدیک آپ کا سن وفات 85ہجری ہے جبکہ معاویہؓ کا عہد امارت تھا۔ جنازہ مدینہ لایا گیا اوریہیںدفن ہوئے۔ (10)
حوالہ جات
1-
اصابہ جز3ص 25
2-
بخاری کتاب المناقب(زیدؓ)،مجمع الزوائد جلد9ص 258،ترمذی مناقب اسامہؓ
3-
استیعاب جلد1ص170،اسد الغابہ جلد1ص 65
4-
استیعاب جلد1ص 170،بخاری کتاب المناقب باب ذکر اسامہؓ
5-
منتخب کنز العمال برحاشیہ مسند جلد5ص316
-6
بخاری کتاب المغازی
-7
اسد الغابہ جلد1ص65،اصابہ جز1ص29
-8
مسلم فضائل الصحابہ باب فضائل زیدؓو اسامہؓ
-9
تاریخ ابن اثیر جز1ص142،سیرت الحلبیہ،منتخب کنز العمال برحاشیہ مسند احمد جلد5ص 135
-10
اصابہ جز 1ص 29

حضرت مقداد بن عمروؓ
نام ونسب
حضرت مقداد بن عمروؓکی کنیت ابو معبد تھی۔شہر بہرا کے باشندے تھے۔ آپ لمبے قد اور گندمی رنگ کے تھے جسم بھاری بھرکم تھا۔ سر پر بال زیادہ تھے ۔داڑھی رنگا کرتے تھے جو بہت خوبصورت تھی نہ بہت بڑی اور نہ بہت چھوٹی ۔(1)
جاہلیت میں اسود بن یغوث زہری کے حلیف بنے۔ انہوں نے منہ بولا بیٹا بنا لیا اور تب سے مقداد بن عمرو کے بجائے مقداد بن اسود کہلائے۔ جب یہ آیت اتری اُدْعُوْ ھُمْ لِآ بَاْئِ ھِمْ ھُوَاَقْسَطُ عِنْدَاللّٰہ(الاحزاب:6)کہ لوگوں کو انکے باپوں کے نام سے یاد کیا کرو یہ اللہ کے نزدیک زیادہ انصاف والی بات ہے۔تواپنی اصل ولدیت مقداد بن عمرو سے معروف ہوئے۔(2)
قبول اسلام اور ہجرت
مقدادزمانہ جاہلیت میں اپنے شہر بہراء میں کسی دشمن کا خون کر بیٹھے۔ ان کے قبیلے کے ذمہ دیت آئی۔ یہ وہاں سے بھاگ کر کندہ قبیلہ میں چلے گئے اور ان کے حلیف بن گئے ۔ جب وہاں بھی ایسی نوبت آئی تو بھاگنا پڑا اور مکے میں آکر پناہ لی اور اسے اپنا وطن بنایا اور یہاں آکر اسود بن یغوث زہری کے حلیف بنے ۔(3)
مقداؓ د کی خوش قسمتی کہ مکے آئے تو یہاں اسلام کا غلغلہ بلند ہو چکا تھا۔ اور آغاز میں ہی انہیں اسلام قبو ل کرنے کی سعاد ت نصیب ہوئی۔ آپ کا شمار اسلام قبول کرنے والے پہلے سات افراد میں ہوتا ہے ۔(4)
مکہ میں کفار قریش کی طرف سے مصائب اور ابتلاء کا سامنا کرنا پڑا تو دیگر اصحاب کی طرح مجبوراً حبشہ ہجرت کی ۔ وہاں سے واپسی ہوئی تو مدینہ ہجرت کا قصد کیا مگرا سمیں کفار مکہ کی طرف سے روکیں تھیں۔ آنحضرت ﷺہجرت کرکے مدینہ تشریف لے جا چکے تھے ۔ مقدادکسی ایسے حیلہ کی تلاش میں تھے جس سے وہ کفار کے چنگل سے نکل کر مدینہ ہجرت کر جائیں۔ کچھ عرصہ بعد اللہ تعالیٰ نے اس کا سامان کر دیا۔سردار مکہ عکرمہ کی سرکردگی میں کفار قریش کی ایک مہم مسلمانوں کے خلاف نکل رہی تھی۔ مقداد اس میں شامل ہوگئے اور جب مسلمانوں کے ساتھ مٹھ بھیڑ ہوئی تو موقع پاکر مسلمانوں کی طرف بھاگ آئے۔(5)یوں بالآخر مقداؓد کو ہجرت کی سعادت نصیب ہوئی۔ مدینہ آکر ابتداء میں حضرت کلثوم بن ہدمؓ کے پاس کچھ عرصہ قیام رہا۔ آنحضورﷺ نے جبار بن صخر سے ان کی مؤاخات قائم کی اور بنی حُدیلہ میں زمین کا ایک ٹکڑا بھی عطا فرمایا۔(6)
ضیافت رسولؐ کا فیض اوربرکت
ہجرت کے ابتدائی زمانے میں جب مقدادؓسب کچھ چھوڑ چھاڑ کر مدینہ آئے تو حضورؐ نے پہلے ذاتی مہمان رکھا۔ اس زمانہ کا ایک دلچسپ واقعہ خود بیان کیا کرتے تھے کہ’’ حضوؐر کے پاس چند بکریاں تھیں جن کے دودھ پررسول اللہ ؐ کے مہمان صحابہ کا گزارا ہوتا تھا۔ دستور یہ تھا کہ ہم یعنی مقدادؓ اور ان کے دو اور مہمان ساتھی بکریوں کا دودھ خود دوہتے اور اپنا حصہ پی کر سو جاتے۔ باقی دودھ ایک پیالے میں ڈھک کر آنحضورؐ کے لئے بچا رکھتے۔ ایک رات دینی کاموں میں مصروفیت کے باعث آنحضورؐ کی گھرواپسی میں تاخیر ہوگئی۔ادھر میری بھوک کی شدت اپنے حصہ کے دودھ سے کم نہ ہوئی تو دل میں خیال آیا کہ کیوں نہ حضوؐر کے حصہ کا دودھ بھی پی لیا جائے۔ اس خیال کو مزید تقویت اس بات نے دی کہ حضوؐر کو تو انصار نے دودھ وغیرہ پلا دیا ہوگا۔ اور وہ تو سیر ہوکر آئیں گے۔ چنانچہ میں اٹھا اور دودھ پی کر خالی پیالہ واپس اسی جگہ رکھ دیا۔ آنحضورؐ کا دستور تھاکہ آپؐ واپس گھرتشریف لاتے۔ اگر لوگ سوئے ہوتے تو نہایت خاموشی سے دوسروں کو جگائے بغیرآہستہ آواز میں سلام کہتے۔آپؐ تشریف لائے اورحسب معمول سونے سے پہلے اس طرف گئے جہاں دودھ کا پیالہ پڑا ہوتا تھا مگرپیالہ خالی تھا۔ اِدھر میں عرقِ ندامت سے پانی پانی ہو رہا تھا کہ مجھ سیکیا حرکت سرزد ہوگئی۔ اُدھر نبی کریم ؐ نے بآواز بلندیہ دعا کی کہ’’ اے اللہ! اس وقت میری بھوک کی حالت میں جو بھی مجھے کھلائے تو اسے کھلااور جو مجھے پلائے تو اسے پلا۔‘‘ کہتے ہیں تب مجھے کچھ ڈھارس بندھی میں فوراً اٹھا اور ان بکریوں کی طرف گیا جن کا دودھ پہلے دوہا جا چکا تھا۔ مگر میری حیرت کی انتہا نہ رہی کہ جب بکری کے تھن کو میرا ہاتھ پڑا تو اسے دودھ سے بھراہو اپایا۔میں نے دودھ سے اپنابرتن بھرا اور آنحضرتﷺ کی خدمت میں لے کر آیا۔ حضورؐ نے فرمایا کہ پہلے تم پی لو۔ میں نے عرض کیا یا رسول اللہؐ! پہلے آپ پی لیں پھر میں ساری بات عرض کروں گا۔ حضورﷺ نے دودھ پی لیا پھر بھی باقی بچ گیا۔ حضورﷺ نے مجھے فرمایا کہ اب تم پی لو۔میں نے پیا جب خوب سیر ہو گیا تو بے اختیار میری ہنسی چھوٹ گئی اور میں لوٹ پوٹ ہونے لگا حضورﷺ نے فرمایا مقداد کیا بات ہے؟ تب میں نے سارا قصہ سنایا کہ یا رسولؐ اللہ میں تو اس خیال سے آپؐ کے حصہ کا دودھ پی گیا تھا کہ آپؐ باہر سے دودھ پی کر آئیں گے۔ مگر جب آپ نے آکریہ دعا کی تو میں اٹھا اور پھریہ عجیب نشان ظاہرہوا کہ خداتعالیٰ نے ایک بکری کے تھنوں میں دوبارہ دودھ اتار دیا۔میں ہنس اس لئے رہا ہوں کہ میں نے حضورﷺ کے دودھ کا حصہ بھی پیا اور اپنا بھی اور دودھ دوہنے کے بعد پھر خدا نے مجھے پلایا اوریوں میرے حق میں آپ کی دعا بھی قبول ہوگئی۔حضورﷺ نے فرمایا کہ یہ تو خداتعالیٰ کی طرف سے ایک برکت تھی اور یہ تمہارے ساتھی جوسوئے ہوئے ہیں انہیں اس میں سے کیوں حصہ نہ دیا؟(7)
غزوات میں شرکت
حضرت مقدادؓ بیان کرتے ہیں کہ انہیںحضورﷺ کے ساتھ غزوہ بدر ، احد،خندق اوردیگر تمام غزوات میں شرکت کی توفیق ملی ہے۔ یہ اچھے تیر اندازوں میں شمار کئے جاتے تھے اور بہت عمدہ گھڑسوار بھی تھے۔ بدرمیں اپنے گھوڑے سُبحہ پر سوار ہوکر شامل ہوئے۔چنانچہ ایک روایت کے مطابق سب سے پہلا شخص جس نے گھوڑے پر بیٹھ کر جہا د کیا وہ حضرت مقدادؓ تھے۔ (8)
بدر کے موقع پر حضرت مقدادؓ سے ایثار اور قربانی کا شاندارنظارہ دیکھنے میں آیا جس پر حضرت عبد اللہ بن عمرؓ اور حضرت عبد اللہ بن مسعوؓدبھی رشک سے کہا کرتے تھے کہ’’ اے کاش! ایمانی جوش کا یہ نظارہ ہم سے ظاہر ہوتا۔‘‘
واقعہ یہ ہے کہ حضرت نبی کریمﷺ سے بیعت عقبہ کے وقت انصار مدینہ سے یہ معاہد ہ ہوا تھا کہ وہ مدینہ میں رہ کر آپ کی حفاظت کریں گے۔ بدر کے موقع پر جب پہلی دفعہ اپنے دفاع کیلئے مدینہ سے باہر نکلنا پڑ رہا تھا۔ حضور اکرمﷺ نے چاہا کہ اب انصار مدینہ سے دوبارہ مشورہ کر لیا جائے۔ اس موقع پر صحابہ کو جمع کرکے آپ نے ان سے مشورہ مانگا تو حضرت ابو بکر صدیقؓ نے مشورہ دیا کہ یا رسول اللہ ﷺہم ہر قسم کی قربانی کیلئے حاضر ہیں اور حسب ضرورت باہر نکل کر بھی ہم دشمن کا مقابلہ کریں گے۔
حضرت عمرؓ نے بھی یہی مشورہ دیا لیکن حضور ؐ پھر بھی مشورہ طلب کر رہے تھے۔غالباً آپؐ کا روئے سخن انصار مدینہ کی طرف تھاکہ ان میں سے کوئی مشورہ دے۔ دریں اثناء حضرت مقداد بن اسودؓ کھڑے ہوئے۔ انہوں نے ایسی ایک پر جوش تقریر کی جس کا اثر انصارومہاجرین سب پر ہوا اور سب ان جذبات سے سرشار ہوگئے جو حضرت مقدادؓ کے تھے۔ انہوں نے عرض کیا! ’’یار سول اللہ ہم موسیٰؑ کے ساتھیوں کی طرح نہیں ہیں کہ یہ کہیں کہ آپ اور آپ کا رب جا کر لڑو ہم تو یہاں بیٹھے ہیں۔ خدا کی قسم! ہم تووہ وفا شعار غلام ہیں جوآپ کے دائیں بھی لڑیں گے اور بائیں بھی۔ آگے بھی لڑیں گے اور پیچھے بھی اور دشمن آپ تک نہیں پہنچ سکتا جب تک ہماری لاشوں کو روندتا ہوا نہ گزرے۔ یا رسو لؐ اللہ اگر آپ حکم دیں تو ہم اپنے گھوڑے سمندر میں ڈالنے کیلئے تیار ہیں۔‘‘صحابہ بیان کرتے ہیں کہ حضرت مقدادؓ نے جب یہ جوش بھرے الفاظ کہے توہم نے دیکھا آنحضورﷺ کا چہرہ خوشی سے چمک رہا تھا۔
بے شک اس وقت ایثار و فدائیت کے جذبے اگرچہ تمام صحابہ کے دل میں موجیں مار رہے تھے مگر ان کو زبان حضرت مقدادؓ نے دی۔ اس لئے آنحضورﷺکے چہرے پر رونق آنا ایک طبعی بات ہے کہ آنحضوؐر کو خوش کرنے والے حضرت مقدادؓ تھے۔اسی لئے حضرت عبد اللہؓ بن مسعودجیسے بزرگ صحابی بعد میں بھی بجا طور پر کہتے تھے کہ’’ آج بھی میری یہ دلی تمنا ہے کہ وہ نظارہ جو میںنے مقدادؓ سے دیکھا۔ اے کاش میری تمام نیکیاں مقدادؓ کی ہوتیں اوریہ نظارہ مجھ سے ظاہرہوا ہوتا‘‘یعنی قربانی اور ایثارووفا کے ان جذبوں کو زبان دینے والا سعادت مند میں ہوتا۔ (9)
حضرت مقدادؓکی نیکی اور خدمات کا صلہ تھا کہ خود رسول اللہﷺ نے ازراہ شفقت ان کی شادی کا اہتمام کروایا۔ چنانچہ ہجرت کے بعد جب ایک دفعہ حضرت عبد الرحمنؓ بن عوف نے مقدادؓ سے کہا کہ آپ شادی کیوں نہیں کرتے تو انہوں نے برجستہ کہا آپ ہی رشتہ دے دیں۔ جس پر وہ رنجیدہ بھی ہوئے معلوم ہوتا ہے کہ رشتہ ،حالات اور کفو میں تفاوت ہوگا۔ آنحضرتﷺ کو جب پتہ چلا تو آپ ؐ نے مقدادؓسے فرمایا کہ میں اپنی چچا زاد بہن ضباعہ بنت زبیر ؓ تم سے بیاہ دیتا ہوں۔ (10)
چنانچہ نبی کریمﷺنے حضرت زبیرؓ کی بیٹی ضباعہ ان سے بیاہ دی اور یوں حضورﷺ کے ساتھ ایک تعلق مصاہرت بھی قائم ہوگیا۔ بعد میں مقداؓدخیبر کے معرکہ میں شامل ہوئے اور مال غنیمت سے حصہ ملا جو پندرہ وسق تھا ۔ بعد میں حضرت معاویہؓ نے اسے ایک لاکھ درہم میں خریدا۔
شوق جہاد
حضرت مقدادؓ کے شوق جہاد کا وہی عالم تھا جس کا اظہار انہوں نے رسول کریمﷺکے سامنے کیا تھا کہ ہم آپ کے دائیں بھی لڑیں گے اوربائیں بھی لڑیں گے۔ بعد کے زمانے میں جب بوڑھے ہوگئے اوربھاری بھر کم بھی تھے ۔کسی نے کہا کہ قرآن شریف نے تو مریض اور کمزور کو معذور قرار دیا ہے آپ کو جہاد پر جانے کی کیا ضرورت ہے؟کہنے لگے کہ قرآن کا حکم ہے ۔(التوبہ:42)کہ اے لوگو جہا د کیلئے نکلو خواہ ہلکے ہو یا بھاری۔ بالعموم اس آیت میں بھاری او رہلکے کے معنے ہتھیار سے لیس یا بغیر ہتھیار کے کئے جاتے ہیں لیکن مقدؓاد کہا کرتے تھے کہ ثِقَالاً سے بھاری بھر کم بدن بھی مراد ہو سکتا ہے اور اگر میرا وزن بڑھ کر جسم بھاری بھی ہو چکا ہے تو بھی مجھے حکم ہے کہ جہاد کیلئے نکلنا چاہیے۔ چنانچہ آپ آخر دم تک باقاعدگی سے جہاد میں شامل ہوتے رہے ۔(11)
انکسار
ایک دفعہ آنحضرتﷺنے انہیں ایک مہم پر بھیجا اور اس کا امیر مقرر فرمایا۔ واپس آئے تو رسول کریمؐ نے دریافت فرمایا کہ مہم کیسی رہی؟ دستہ کے امیر ہونے کی ذمہ داری کے بوجھ سے انہوں نے عرض کیا یا رسول اللہؐ اس کے بعد میںکبھی امیر بننا پسند نہیں کروں گا۔(12)ظاہر ہے اس میں ان کی طبیعت کا انکسار بھی شامل ہوگا۔ آنحضرتﷺنے اپنے جن خاص اصحاب کا تعریفی رنگ میںذکر کیا ہے ان میں حضرت مقداؓدبھی تھے۔
ایک موقع پر رسول کریمﷺنے فرمایا کہ خدا نے مجھے سات وزرا ئ( نائبین) عطا کئے ہیں پھر ان سات اصحاب میں حضرت مقدادؓ کابھی ذکر کیا۔ ایک اور موقع پر فرمایا کہ چار لوگوں سے مجھے خاص محبت ہے اور ان میں مقداؓد کا ذکر کیا۔(13)
اسی طرح فرمایا جنت جن لوگوں کیلئے مشتاق ہے ان میں حضرت مقدؓاد بھی ہیں۔(14)
حضرت مقدادؓ جرف مقام پر جو مدینہ سے تین میل کے فاصلے پر ہے فوت ہوئے ۔ آپ کا جنازہ کاندھوں پر اٹھا کر مدینہ لایا گیا اور جنت البقیع میں تدفین ہوئی۔ آ پ کا سن وفات 33ہجری ہے عمر70برس تھی۔
حضرت مقدادؓ بیان کرتے تھے کہ آنحضرتﷺنے فرمایا کہ ’’قیامت کے دن سورج لوگوں کے قریب کر دیا جائے گااور لوگ پسینہ سے شرابور ہوں گے۔ یہ کیفیت ان کے اعمال کی نسبت سے ہوگی۔ جن کے اعمال نسبتًا اچھے ہونگے ان کو کم پسینہ آئے گا اور جن کے اعمال میں کمی ہوگی ان کو زیادہ پسینہ آئے گا مثلاً بعض کو گھٹنوں بعض کو کمر تک اور جن کے عمل کچھ اور کم ہوں گے ان کے مونہوں تک لگام ہوگی اور وہ عرق ندامت میں غرق ہونگے۔‘‘(15)
حضرت مقدادؓبے شک فوت ہوگئے مگر آنحضرتﷺکے سامنے انہوں نے جس فدائیت کا اظہار کیا تھا، اس حوالے سے وہ ہمیشہ کیلئے زندہ ہیں۔اور آج بھی دین کی راہ میں جذبہ قربانی کا اظہار کرتے ہوئے حضرت مقداؓد کے تاریخی کلمات دہرائے جاتے ہیں۔جن سے انہوں نے اپنے سچے جذبوں کو زبان دی تھی کہ یا رسولؐاللہ!ہم آپ کے دائیں بائیں اورآگے پیچھے لڑیں گے۔کسی نے سچ ہی تو کہا ہے۔
ہرگز نمیرد آنکہ دلش زندہ شد بعشق
ثبت است بر جریدہ عالم دوام شاں
حوالہ جات
1-
ابن سعد جلد3ص163
2-
ابن سعد جلد3ص161
3-
مستدرک حاکم جلد3ص348
4-
مستدرک حاکم جلد 3ص 348
5-
اسد الغابہ جلد4ص409
6-
ابن سعد جلد 3ص 161
7-
مسند احمد بن حنبل جلد6ص4
-8
اصابہ جز 6ص 133-34
9-
بخاری کتاب المغازی باب غزوہ بدر
10-
اصابہ جز3ص 484
11-
مستدرک حاکم جلد3 ص349
12-
مستدرک حاکم جلد3ص350
13-
اصابہ جز3ص 455
-14
مجمع الزوائد جلد9ص 307
-15
اسد الغابہ جلد4 ص410

حضرت خباب بن الارتؓ
نام ونسب
حضرت خباب ؓ کی کنیت ابو عبد اللہ تھی ۔بچپن میں آپ قید ہوگئے اور مکہ میں آکر فروخت ہوئے قبیلہ بنوزھرہ کی ایک دولت مند خاتون امّ انمار نے انہیں خرید لیا۔اس حوالہ سے ان کی نسبت کبھی بنی زہرہ کے آزاد کردہ غلام کے طور پر اور کبھی ان کے حلیف کے طور پر بیان کی جاتی ہے ۔
قبول اسلام اور مصائب پر صبر
حضرت خباب ؓ بہت ابتداء سے اسلام قبول کرنے والے اصحاب رسولؐمیں سے ہیں جب آنحضرت ﷺ ابھی دارارقم میں تھے۔ اس ابتدائی زمانہ میں جن سات افراد کا قبول اسلام نمایاں طور پر معلوم ہوتا ہے ان ’’سابقون الاولون‘‘ میں حضرت ابو بکر ؓ کے ساتھ حضرت خباب ؓ اور حضرت مقدادؓ بن اسود شامل ہیں ۔(1)
حضرت خباب ؓ بوجہ غلامی اپنا کوئی خاص قبیلہ نہیں رکھتے تھے۔ اس کمزور ی کی وجہ سے آپ کو بہت مصائب اور ظلم و تشدد کا سامنا کرنا پڑامگریہ تکالیف انہیں اسلام سے منحرف نہ کر سکیں ۔(2)
روایات سے پتہ چلتا ہے کہ انہیں لوہے کی زرہیں پہنا کر دھوپ میں چھوڑ دیا جاتا۔ ایک طرف لوہا گرم ہو کر تپتا دوسری طرف صحرائے عرب کی گرمی اور دھوپ کی تمازت ہوتی اور سخت تکلیف اور اذیت میں ان کے دن گزرتے۔ بعض دفعہ ان کے لوہارے کے کام کے دوران ان کے دہکائے انگاروں پر ہی ان کو لٹا دیا جاتا اور انکی پشت کو اس سے داغا جاتا۔ یہاں تک کہ پشت کا گوشت پگل پگل کر ان انگاروں کوسرد کرتا مگر ان ظالموں کے ظلم کی آگ ٹھنڈی نہ ہوتی ۔(3)
ان تمام مصائب اور ابتلائوں میں حضرت خباب ؓ نے کمال صبر کا نمونہ دکھایااور ظالم کافر کبھی بھی ان کی زبان سے کلمہ کفر نکلوانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔
آنحضرتﷺ حضرت خبابؓ کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے اور ان سے بہت محبت کرتے تھے۔آپؐنے بظاہر اس معمولی لوہارے کاکام کرنے والے کو کبھی نظرا نداز نہیں کیا۔بلکہ بسا اوقات کوئلوں کی اس بھٹی پر جہاں وہ لوہے کاکام کرتے تھے آپؐ تشریف لے جاتے اوران کی ہمت و ڈھارس بندھایا کرتے ۔حضرت خباب ؓ کی مالکہ امّ انمار کو پتہ چلا کہ آنحضرت ؐ یہاں بھی آتے ہیں تو اس نے حضرت خباب ؓ کو اور زیادہ تشدد کا نشانہ بنانا شروع کیا۔ان کی بھٹی کے انگاروں سے لوہے کی سلاخیں گرم کر کے وہ ان کا جسم داغا کرتی اور کہتی کہ اسلام کو چھوڑو گے یا نہیں؟بالآخر انہوں نے آنحضرت ﷺکے پاس شکایت کی تو نبی کریم ؐ نے ان کے حق میں یہ دعا کی اللّٰھُمَ اُنصُرخَبَّا باً۔ اے اللہ خبابؓ کی نصرت فرما۔اس دعا کا اثر عجیب معجزانہ رنگ میں ظاہر ہوا اور اُم انمار کو اچانک شدید سر درد کے دورے پڑنے لگے۔ یہ دورے اتنے سخت ہوتے کہ جانوروں کی طرح ام انمار کے چیخنے چلانے اور بلبلانے کی آوازیں بے اختیار نکلا کرتیں۔طبیبوں نے اس کا علاج یہ تجویز کیا کہ اس کا سرگرم لوہے سے داغا جائے ۔
عربوں میں اس زمانے میں آخری علاج کے طورپر داغنے کا رواج تھا۔ یہ داغنے کی خدمت بھی حضرت خباب ؓکے حصہ میں آئی ۔ اللہ تعالیٰ نے رسول اللہ ﷺکی دعا قبول کرتے ہوئے اس ظالم عورت سے حضرت خبابؓ کا انتقام لینے کی عجیب راہ نکالی کہ حضرت خباب ؓ جنہیں وہ اسلام سے واپس لوٹانے کے لئے داغا کرتی تھی اب وہی خبابؓ اسکے علاج کیلئے اس کا سر داغا کرتے۔ یوں اسے احساس دلایا گیاکہ اس نے خبابؓ کو کتنی تکلیف اور اذیت پہنچائی ہے ۔ اس کے بعد کبھی اس کی طرف سے خبابؓ کو یہ دکھ دینے کا ذکر نہیںملتا۔(4)
قبول اسلام پر مالی ابتلاء اور صبر
حضرت خباب ؓ لوہے کی تلواریں اور دیگر چیزیں بناتے تھے۔مشرک سردار عاص بن وائل کو بھی انہوں نے ایک تلوار بنا کر دی تھی، جس کا معاوضہ اس نے ادا کرنا تھا لیکن جب بھی وہ قرض کا تقاضا کرتے ، وہ انکار کر دیتا۔ان کے قبول اسلام کے بعد خاص طو رپر وہ یہ طنز کرتا کہ مجھ سے دنیا میں کیوں قرض مانگتے ہو تمہارے عقیدے کے مطابق تو موت کے بعد اگلا جہاں بھی ہے جہاں ہم سارے اکٹھے ہونگے وہاں اپنا قرض بھی لے لینا او ر اگر یہیں قرض لینا ہے تو پہلے محمد ؐ کا انکار کرو۔ جب تک انکار نہیں کرو گے اس وقت تک میں قرض نہیں دوں گا۔اس طرح حضرت خباب ؓ سے استہزاء کرتے ہوئے وہ ٹالتا تھا اور یہ قرض آخر تک اس نے ادا نہیں کیا ۔ قرآن شریف کی اس آیت میں اس جیسے لوگوںکا ہی ذکر ملتا ہے ۔اَفَرَئَیتَ الَّذِی کَفَرَ بِآیٰتِنَا وَقَالَ لَا ُوتَیَنَّ مَالاًوَّ وَلَدًا(مریم : 78 )کہ تم نے اس شخص پر غور کیا جو ہماری آیات کا انکار کرتا ہے اور کہتا ہے کہ اگلے جہاں میں مجھے اور مال و اولاد دئے جائیں گے ۔
دور قربانی اور حضرت عمرؓ کی قدردانی
حضرت خباب ؓ کو ہجرت مدینہ کی توفیق ملی تو حضرت کلثومؓ بن ھدم کے پاس آکر ٹھہرے (اور بد ر سے کچھ پہلے تک قیام کیا)پھر سعدؓ بن عبادہ کے پاس کچھ عرصہ ٹھہرے ۔آنحضرت ؐکے ساتھ تمام غزوات بدر،احد اور خندق میں خدمات کی توفیق پاتے رہے۔
حضرت عمر ؓ کے زمانے میں ایک دفعہ حضرت خباب ؓ ان کی مجلس میں حاضر ہوئے تو انہوں نے حضرت خباب ؓ کو بلا کر اپنی خاص مسند پر بٹھایا او رفرمایا کہ’’ خباب!آپ اس لائق ہو کہ میرے ساتھ اس مسند پر بیٹھو۔ میں نہیں دیکھتا کہ تم سے بڑھ کر اور ا س جگہ میرے ساتھ بیٹھنے کا کوئی مستحق ہو سوائے بلا لؓ کے کہ انہوں نے بھی اس ابتدائی زمانے میں اسلام قبول کرکے بہت تکلیفیں اٹھائیں ۔‘‘ حضرت خباب ؓ نے عرض کی ’’اے امیر المومنین !بے شک بلالؓ بھی حق دار ہے لیکن واقعہ یہ ہے کہ بلالؓ کو بھی مشرکین کے ظلم سے بچانے والے موجود تھے۔چنانچہ حضرت ابو بکر ؓ نے ان کو خرید کر آزاد کر دیا ،لیکن میرا توکوئی بھی نہیں تھا جو مجھے ان کے ظلم سے بچاتا اور ایک دن مجھ پر ایسا بھی آیا کہ مجھے کافروں نے پکڑ لیا اور آگ جلا کر اس کے اندر جھونک دیا میں آگ میں پڑا ہواتھا۔ ایک ظالم نے میرے سینہ کے اوپر پائوں رکھ دیا اورمیرے لئے اس آگ سے بچنا ممکن نہ رہا۔میری پشت انگاروں پر پڑے پڑے جل گئی ۔تب حضرت خبابؓ نے اپنی پشت پر سے وہ کپڑا اٹھایا تو دیکھا گیا کہ کچھ سفید لکیروں کے نشان تھے انہوں نے بتایا کہ دہکتے کوئلوں سے ان کی چربی کے جلنے اور پگلنے کے نتیجہ میں یہ نشان پڑے تھے جو ہمیشہ کیلئے ان کی اذیتوں کے گواہ بن گئے ۔‘‘(5)
صبرورضا
حضرت خبابؓ بیان کرتے تھے کہ ان تکلیفوں ،اذیتوں،دکھوں کے شکوے ہم کہاں کرتے بالآخر اپنے آقا و مولا حضرت محمد مصطفی ؐکے پاس حاضر ہوکر ہی اپنے دکھ عرض کیاکرتے تھے۔ ایک دفعہ ایسی ہی تکلیفوں او رمصیبتوں کی تاب نہ لا کر میں بھی حضوؐر کی خدمت میں حاضر ہوا۔ حضوؐر صحن کعبہ میں ایک دیوار کے سایہ میں بیٹھے تھے، دوسری روایت میں ہے کہ نبی کریم ﷺ ایک درخت کے سائے میں اپنا بازو سر کے نیچے رکھے لیٹے تھے میں نے حاضر خدمت ہو کر عرض کیا کہ یارسولؐ اللہ کیا آپ ہمارے لئے دعا نہیں کریں گے؟اس قوم نے تو ظلم کی حد کر دی او رہمیں یہ ڈر پیدا ہونے لگا ہے کہ یہ کہیں ہمیں اپنے دین سے ہی منحرف نہ کردیں۔آنحضرت ؐ خاموش رہے اور دوسری طرف رخ پھیر لیا ۔خبابؓ کہتے ہیں کہ میں نے دوسری دفعہ پھر عرض کیا کہ یا رسول اللہ ؐکیا آپ ہمارے لیے دعا نہیں کریں گے ؟حضور پھر خاموش رہے تیسری دفعہ عرض کیا تو آنحضرت ؐ نے فرمایا کہ اے اللہ کے بندو اللہ کا تقویٰ اختیار کرو صبر کرو اور صبر پر قدم مارتے چلے جائو۔ خد اکی قسم! تم سے پہلے بھی خدا کے مظلوم بندے گزرے ہیں جن کے سر کے درمیان سے آرے چلا کر ان کے جسموںکو دو ٹکڑے کر دیا گیا۔وہ اپنے ایمان سے پیچھے نہ ہٹے ان میں سے ایسے بھی تھے کہ لوہے کی گرم کنگھیوں سے ان کے جسم کا گوشت ان کی ہڈیوں سے نوچ لیا گیا۔مگر خدا کے ان بندوں کے پائے ثبات میںکوئی لغزش نہیں آئی۔ پس آ ج تمہیں بھی ان مصائب اور اذیتوں کے مقابل پر اور ہمت سے کام لینا ہوگا۔ یاد رکھو کہ اللہ تعالیٰ بالآخر اپنے دین کے لئے فتح اور غلبہ کے سامان پیدا فرمانے والا ہے ۔(6)
نبی کریمﷺ کی یہ ایمان افروز باتیں ان مظلوموں کی ڈھارس بندھاتی تھیں ۔حضرت خباب ؓ کے بارے میں بیان کیا جاتا ہے کہ بہت متوکل انسان تھے۔ بعد کے زمانے میں ان کی قربانیوں کے طفیل خدا تعالیٰ کے بہت فضل اور انعام ان پر ہوئے لیکن ان کی نظر اس بات پر رہتی تھی کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ ہماری قربانیوں کے پھل ہمیں یہیں مل جائیں اور ہم اجر دنیا سے زیادہ حصہ نہ پالیں اور ہمارے آخرت کے اجر میں کوئی کمی نہ آجائے ۔
آخری بیماری اور خشیت الٰہی
چنانچہ حضرت خباب ؓ کی آخری بیماری میں بعض صحابہ ان کی عیادت کیلئے گئے وہ کہتے ہیںکہ خباب بڑی شدید بیماری اور تکلیف میں تھے جس کی وجہ سے ان کے پیٹ کو سات مرتبہ داغنا پڑا ۔ خبابؓ کہنے لگے مجھے تکلیف اتنی زیادہ ہے کہ دل کرتا ہے کہ موت ہی آجائے لیکن میں نے آنحضرت ؐ سے سنا ہے آپؐ فرماتے تھے کہ ’’موت کی تمنا نہ کرو‘‘ گویا آخری وقت میں رسول اللہﷺ کے فرمان کی تعمیل کی طرف توجہ تھی۔
پھر کہنے لگے میرا کفن لے کر آئو اور مجھے دکھائو اور جب دکھایا گیا تو وہ اس زمانے کے عمدہ کپڑے خباطی کاکفن تھا اس کو دیکھ کر رو پڑے انکسار سے کہنے لگے ’’اتنا اچھا اور عمدہ کفن مجھے دو گے؟ رسول اللہﷺ کے چچا حضرت حمزہ ؓ شہید احد کو محض ایک چادر کفن کیلئے میسر آئی تھی جس سے ان کے پائوں ڈھانپتے تو سر ننگا ہوجاتا۔ سر ڈھانپتے تو پائوں ننگے ہوجاتے۔تب ہم نے رسول اللہﷺ کی ہدایت پر پائو ں کو گھاس ڈال کر ڈھانک دیا اور یوں حضرت حمزہؓ کو پورا کفن نصیب نہ ہوا۔رسول کریم ؐ کے زمانے میں میں ایک دینار یا درہم کا بھی مالک نہیں تھا اور آج رسول اللہ ﷺکے فیض کی برکت سے میرے گھر کے ایک کونے کے صندوق میں ہی چالیس ہزار درہم موجود ہیں۔ مجھے بہت ڈر لگتا ہے کہ کہ ہمارے اعمال کی جزا کہیں اسی دنیا میں تو نہیں مل گئی اور کہیں آخری زندگی میں ہم اپنے اجروںسے محروم نہ کردئے جائیں۔‘‘
اسی آخری بیماری میں بعض صحابہ ان کی عیادت کیلئے تشریف لے گئے۔ انہوں نے دیکھا کہ خبابؓ شاید اس بیماری سے جانبر نہ ہوسکیں تو ایک رنگ میں انہیں تسلی دیتے ہوئے کہا اے خبابؓ تمہیں بشارت ہو کہ کل یا پرسوں اپنے بزرگ اصحاب رسول سے جاملوگے ۔اس پر وہ رو پڑے جب طبیعت سنبھلی تو کہنے لگے ’’یہ مت خیال کر نا کہ میں موت کے خوف سے رویا ہوں۔ خدا کی قسم! تم نے میرے ایسے گروہ اور ساتھیوں کا ذکرکیا جن کا بھائی مجھے قرار دیا ان صحابہ کا تو بہت بلند مقام مرتبہ تھا پتہ نہیں میں ان کا بھائی ہونے کا اہل بھی ہوں یا نہیں؟اور ہمیںا س دنیا میں جو اجر عطا کردئے گئے وہ لوگ تو اس زمانے سے بہت پہلے گزر گئے انہوں نے دنیا کے بہت زیادہ مال و متاع سے فائدے نہیں اٹھائے جو ہم نے اٹھائے ہیں ۔‘‘یہ وہ خشیت اور تقویٰ کا مضمون ہے جس کی آنحضرتﷺ نے ان کو نصیحت فرمائی تھی اور انہوں نے اسے خوب پلے باندھا اور آخری دم تک اسے سینے سے لگائے رکھا ۔(7)
افتراق امت کے نتیجہ میں ہلاکت کی پیشگوئی
حضرت خباب ؓ کی روایات میں سے ایک اہم روایت یہ ہے کہ آنحضرت ﷺ نے ایک دفعہ بہت لمبی نماز پڑھی ہم نے عرض کیا یارسول اللہﷺ آج معمول سے لمبی نماز آپ نے پڑھی اس کی کوئی خاص وجہ ہے ؟آپ نے فرمایا کہ یہ خدا تعالیٰ کے حضور محبت اور رغبت کی نماز بھی تھی اور کچھ خوف اور ڈر کا پہلو بھی اس میں شامل تھا۔ چنانچہ آج اس نماز میں میں نے خدا تعالیٰ کے حضو رتین دعائیں کی ہیں ان میں سے دو تو اللہ نے قبول کر لیں مگرایک قبول نہیں کی پہلی دعا یہ کہ میرے مولا میری امت قہر سے ہلاک نہ ہو اللہ تعالیٰ نے یہ دعا قبول کرلی دوسرے میں نے عرض کیا کہ میرے مولا غیر قوموں میں سے دشمن میری امت پر مسلط نہ کیے جائیں۔یہ دعا بھی قبول ہوئی تیسرے میں نے عرض کیا کہ یہ امت فرقوں میں نہ بٹ جائے اور ایک دوسرے کو ہلاک کرنے کے درپے نہ ہوجائے۔مگریہ دعا قبول نہیں کی گئی ۔(8)
بد قسمتی سے یہی بدبختی آج مسلم امہ پرظاہر ہورہی ہے اورایک مسلمان بھائی دوسرے مسلمان بھائی کا گلا کاٹنے کے درپے ہے ۔
وفات اور انجام بخیر
حضرت خباب ؓ کی وفات 37ہجری میںبعمر تہتر سال کوفہ میں ہوئی۔اہل کوفہ کا دستور تھاکہ شہر کے اندر ہی قبرستان میں اپنے مردے دفن کرتے تھے ۔ حضرت خباب ؓ نے کہا کہ مجھے شہر سے باہر دفن کرنا ۔ حضرت علی ؓ کا زمانہ خلافت تھا۔ جنگ صفین سے واپسی پر کوفہ کے باہر چند قبریں دیکھ کر آپ ؓ نے پوچھا تو پتہ چلا کہ یہ حضر ت خباب ؓ کی قبر ہے جو ان کی وصیت کے مطابق کوفے سے باہر بنائی گئی ہے ۔حضرت علی ؓ خلیفہ راشد نے ان کی نماز جنازہ ادا کی۔ (9)
اس موقع پر حضرت علی ؓخلیفۃ الرسولؐ نے ان کیلئے جودعا کی اور جن تعریفی کلمات سے ان کا ذکر کیا اس سے حضرت خبابؓ کی قابل قدر خدمات کی عظمت کا اندازہ ہوتا ہے حضرت علی ؓ نے فرمایاکہ اللہ تعالیٰ خباب ؓ پر رحم کرے۔ انہوں نے نہایت رغبت اور محبت کے ساتھ اسلام قبول کیا اور پھر اس وقت ہجرت کی توفیق پائی جب ان کیلئے ہجرت کے حالات پیدا ہوئے۔ پھر جو زندگی انہوں نے گزاری وہ ایک مجاہد کی زندگی تھی وہ شدید ابتلائوں میں سے گزرے اور مصائب و شدائد کا نشانہ بنائے گئے جس میں انہوں نے صبر اور استقامت کے نمونے دکھائے۔ اللہ تعالیٰ ایسے لوگوں کا اجر کبھی ضائع نہیںکرتا جو نیک اعمال بجالانے والے ہوں ۔ پھر حضرت علی ؓ ان قبروں کی طرف گئے جو حضرت خباب ؓ کی قبرکے قریب بن چکی تھیں اور فرمایامسلمان اہل قبور!تم ہم سے آگے چلے گئے اور ہم تمہارے پیچھے جلد آنے والے ہیں ۔پھر دعا کی کہ اے اللہ ہمیں بھی بخش دے اور ان کو بھی اور ان کی لغزشیں معاف فرمادے۔ پھر کہنے لگے مبار ک ہو ان لوگوں کو جنہوں نے آخرت کو ترجیح دیتے ہوئے اس دنیا میں اعما ل کئے اور جو تھوڑے پر راضی ہوگئے اللہ بھی ان سے راضی ہوگیا(10)
ہماری بھی حضرت خباب ؓ کے حق میں دعا ہے کہ اللہ ان پر رحم کرے اور بلند درجات عطا فرمائے اور ان کے نیک نمونے ہمیں زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین
حوالہ جات
1-
مستدرک حاکم جلد3ص 381-382
2-
ابن سعد جلد 3 ص164
3-
اسد الغابہ جلد2ص 98
4-
اسد الغابہ جلد2صفحہ98
5-
ابن سعد جلد3 صفحہ165
-6
مستدرک حاکم جلد3صفحہ383
-7
ابن سعد جلد3صفحہ166
-8
اسد الغابہ جلد2صفحہ99
-9
ابن سعد جلد 3صفحہ167
-10
مجمع الزوائد جلد 9صفحہ299

حضرت اسعد بن زرارہ ؓ
نام ونسب
حضرت اسعدؓ بن زرارہ کی کنیت ابو امامہ تھی جس سے زیادہ مشہور تھے۔ والدہ کا نام سعاد الضریعہ تھا۔ حضرت سعدؓ بن معاذرئیس انصار کے خالہ زادبھائی تھے ۔ان کا تعلق قبیلہ خزرج کی شاخ بنو نجّار سے تھا جن سے ہمارے آقا ومولا حضرت محمد مصطفیٰ ﷺکا ننھالی رشتہ بنتا ہے ۔آپ اسعد کے لقب سے مشہور تھے گویا آغاز سے ہی سعادت مند طبیعت پائی تھی۔ سچائی سے فطری لگائو تھا ۔ روایات سے پتہ چلتا ہے کہ آپ طبعاً موحّد تھے ۔اسلام قبول کرنے کے بعد آپ نے عمارہ بن حزم اور عوف بن عفراء کے ساتھ بنو نجار کے بتوں کے خلاف جہاد کی توفیق پائی۔ (1)
قبول اسلام
اسعدؓ کے قبول اسلام کا واقعہ بھی عجیب ہے اس زمانے میں مدینہ کے مختلف قبائل میں باہم آویزش تھی۔ جنگ کی تیار ی ہورہی تھی۔ اسعد اپنے ساتھی ذکوان کے ساتھ مکہ میں اپنے ایک سردار دوست عتبہ بن ربیعہ کے ہاں امداد کے طالب ہوکر گئے ،وہیں حضور ﷺ کے دعوے کی تفصیل کا علم ہوا۔ آنحضرت ؐ کی خدمت میں حاضر ہوئے ،حضور ؐ نے خود انکو اسلام کا پیغام سمجھایا۔ قرآن شریف کی تلاوت سنائی۔ وہ طبعاً پہلے ہی توحید کی طر ف راغب تھے۔ رسول اللہ ؐکی مؤثر دعوت الی اللہ سے اسلام انکے دل میں گھر کر گیا۔ وہ اسلام قبول کرکے واپس مدینہ لوٹے۔روایات میں ہے کہ مدینہ میں انہوں نے خاموشی سے اسلام کا پیغام پہنچانا شروع کیا اسی کے نتیجہ میں چھ افراد پر مشتمل ایک ابتدائی وفد نے حج کے موقع پر ان کے ساتھ پہلی دفعہ عقبہ مقام پر حضور ؐ سے ملاقات کی ۔حضرت اسعدؓ بیعت عقبہ ثانیہ میں بھی شامل تھے اور بنو نجّار کے نقیب (سردار)کے طور پر انکو خدمت کی سعادت ملی ۔
مؤرخ ابن اسحاق نے عقبہ اولیٰ اور عقبہ ثانیہ کی دونوں بیعتوں میںحضرت اسعدؓ کے شامل ہونے کا ذکر کیاہے ۔ (2)
گواس زمانہ میں انکی عمر کم تھی لیکن سردارانہ فہم و فراست اللہ تعالیٰ نے بہت عطا کی تھی ۔
بیعت کی حقیقت
بیعت عقبہ ثانیہ کے موقعہ پر انکی دانش اور سنجیدگی کا اظہار حضرت عبادہ ؓبن صامت کے بیان کے مطابق اس طرح ہوا کہ بیعت کے وقت حضرت اسعدبن زرارہؓ نے آنحضرت ﷺ کا ہاتھ پکڑلیا اور کہا کہ’’ اے لوگو!جانتے ہو کہ کس بات پر تم نبی کریم ؐ کی بیعت کر رہے ہو ۔اس کی حقیقت سمجھ کر بیعت کرنا،یہ بیعت اس بات پر ہے کہ تمہیں سارے عرب کے ساتھ جنگ مول لینی پڑے گی ،تمام عجم کے ساتھ تمہاری لڑائی ہوگی اور تمام جن وا نس کے ساتھ برسر پیکار ہوجائو گے ‘‘،انہوں نے بھی کیاخوب جواب دیا کہ ’’ہاں اس شعور کے ساتھ ہم بیعت کر رہے ہیں کہ جو آنحضرت ؐ سے جنگ کرے گا ہم اس سے جنگ کریں گے اور جو آپؐ سے صلح کرے گا ہم اس سے صلح کریں گے‘‘ پھر بھی حضرت اسعدؓ بن زرارہ نے رسول اللہ ﷺکاہاتھ نہیں چھوڑا بلکہ عرض کیا یارسول اللہ ﷺ اس وقت بیعت کے موقع پر آپؐ جو شرط چاہیںعائد کردیں ،میں اس شرط پرآپؐ کے ہاتھ پر بیعت کرتا ہوں ،حضور ؐ نے فرمایا’’ تم سب اس بات پر میری بیعت کررہے ہو کہ یہ گواہی دوگے کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور محمد ؐ اللہ کے رسول ہیں اور نماز کو قائم کرو اور زکوٰۃ ادا کرو اور تمہیں سننا اور اطاعت کرناہوگی اور باہم اختلاف پیدا نہیں کرنا اور تمہیں میری حفاظت کرنی ہوگی بالکل اسی طرح جس طرح اپنی جانوں اور اپنے گھروالوں کی حفاظت کرتے ہو ۔‘‘اس پر تما م لوگوں نے یہ عرض کیا کہ یارسول اللہ ؐ ہم بلا شبہ اسی طرح آپؐ کی حفاظت کریں گے ۔یہی حضرت اسعدؓ کا مقصد تھا کہ بیعت کی حقیقت سب پر کھل جائے ،اس پر مجمع میں سے آواز آئی کہ’’ اگر یہ سب کچھ ہم نے کیا تو ہمیںکیا ملے گا؟‘‘ حضور ﷺ نے فرمایا ’’جنت ملے گی اوراس دنیا میں خداتعالیٰ کی تائید ونصرت سے بھی ہمکنا ر ہوگے ۔‘‘دوسری روایت میںہے کہ اسعدؓنے (جو عمر میں سب انصار سے چھوٹے تھے) کہا’’ اے اہل یثرب !ہم محمد رسول اللہ ؐ کے پاس صرف اس لئے آئے ہیں کہ یہ اللہ کے رسول ہیں اور ہمیں خوب علم ہے کہ آج آپؐ کی بیعت کا نتیجہ میں سارے عرب سے دشمنی مول لینا اور اپنے پیاروں کو قتل کروانا ہے۔ پس اگر تو رسول اللہ ﷺکو قبول کر تے ہوتو اس کا اجر تم کو اللہ تعالیٰ دے گااور اگر اپنی جانوں کا خوف ہے تو ان کو چھوڑ دو۔‘‘ انہوں نے کہا ’’اے اسعدؓ ہم انکی بیعت کبھی نہ چھوڑیں گے نہ اسمیں خیانت کریں گے پھر سب نے باری باری بیعت کی ۔‘‘(3)
مدینہ میں پہلا جمعہ
حضرت اسعدؓ کے فضائل کا ذکر احادیث میںملتا ہے کہ وہ سبقت جو ان کے حصے میں آئی اس میں ایک نماز جمعہ کا آغاز ہے ۔ چنانچہ سب سے پہلا جمعہ جو مدینے میں پڑھا گیا ،ا س کا انتظام و انصرام کرنے والے حضرت اسعدبن زرارہؓ تھے ۔انہوں نے ہی نمازجمعہ کی بناء وہاں پر ڈالی تھی مدینہ میں ایک بڑی حویلی یا دالان دو یتیم بچوں سھل اور سھیل کی ملکیت تھا ۔ وہ دونوں حضرت اسعدؓ بن زرارہ کی کفالت میںتھے۔ اس جگہ حضرت اسعد ؓ نے جمعہ کا انتظا م کیا جس میںچالیس کے قریب لوگ شامل ہوئے ۔یہ بیعت عقبہ ثانیہ کے بعد کا واقعہ ہے ۔ (4)
روایات سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ اس موقعہ پر مسلمانوں کے پہلے اجتماع کی خوشی میں حضرت اسعد ؓنے ایک بکری بھی ذبح کروائی اور جمعہ میں شریک مسلمانوں کی دعوت کا انتظام کیا ۔حضرت اسعدبن زرارہؓ اس وقت تک نماز جمعہ پڑھاتے رہے ۔یہاں تک کہ اسلام کے پہلے مبلغ حضر ت مصعب بن عمیرؓ مدینہ تشریف لائے اس کے بعد امامت اور دیگر ذمہ داریاں انہوں نے سنبھال لیں پھر جب وہ اگلے سال بعض انصار کا وفد لیکر آنحضور ﷺسے ملاقات کے لیے مکہ گئے تو اس دوران بھی حضرت اسعدؓ بن زرارہ کومدینے میں جمعہ پڑھانے کی سعادت نصیب ہوتی رہی۔ (5)
حضرت کعب ؓبن مالک شاعر دربار نبوی ؐ اور صحابی رسول ؐ جب جمعہ کیلئے نکلتے تو اذان کی آواز سن کر مسنون دعائیہ کلمات کے بعد استغفار پڑھتے اور خاص طور پرحضرت اسعد بن زرارہؓ کیلئے مغفرت کی دعا کیا کرتے۔ کسی کہنے والے نے انہیں کہا کہ’’ یہ کیابات ہے جمعہ کی اذان کے وقت آپ خاص طور پر اسعد بن زرارہؓ کیلئے بخشش کی دعاکرتے ہیں۔‘‘ انہوںنے کہا’’ اسعد وہ شخص تھا جس نے آنحضرؐت کی مدینے میں تشریف آوری سے پہلے مدینے میں جمعہ کا آغاز کیا تھا۔‘‘ (6)
خدمت رسول ﷺ
پھرنبی کریم ﷺ جب مدینے تشریف لے آئے تو انصار مدینہ نے بیعت عقبہ میں جو عہد کئے تھے اس کے مطابق اپنا سب کچھ حضوؐر کی خدمت میں پیش کردیا۔ رسول اللہ ﷺ کے قیام کیلئے ہر صحابی اپنا گھر پیش کررہاتھا ۔حضور ؐ نے فرمایا کہ میری اونٹنی کو چھوڑ دو۔ اسے جہاں حکم ہوگا رک جائے گی اور انہی لوگوں کا میں مہمان ہونگا۔ اونٹنی جہاں رکی وہاں سے قریب ترین گھر حضرت ابو ایوب انصاری ؓ کا تھا جہاں حضور نے قیام فرمایا اور چھ ماہ تک وہاں فروکش رہے۔لیکن حضرت اسعدؓ بن زرارہ نے یہ خیال کرکے حضور ؐ کی خدمت کی ازلی سعادت تواب حضرت ابوایوب انصاری ؓ کے حصہ میں آگئی تو میں کسی اور ذریعہ سے حضور ؐ کی کوئی خدمت کرلوں۔ چنانچہ حضوؐر کی اونٹنی کی باگ انہوں نے پکڑ لی اور اسے اپنے گھر لے کر گئے اور اس کی خدمت کی توفیق انہیں کو ملتی رہی۔ (7 )
آنحضرت ﷺ کے عاشق صادق تھے ۔مخیرلوگوں میں ان کا شما رتھا۔ اپنے قبیلے کے رئیس اور سردار بھی تھے۔ اس زمانے میںجب آنحضرت ﷺ ہجر ت کرکے مدینہ آئے تو سب کچھ چھوڑ کے آگئے تھے مدینے میں نئی جگہ آباد کاری کی کئی ضروریات سامنے تھیں۔ حضرت اسعد بن زرارہ ؓنے اسی موقعہ پر حضور ؐ کی خدمت میں حسب ضرورت وہ تحفہ پیش کیا ہوگا جس کا احادیث میں ذکر آتا ہے کہ آنحضور ؐ کے گھر میں بہت عمدہ خوبصورت قسم کا پلنگ تھا جس کے پائے ہاتھی دانت کے بنے ہوئے تھے اورجو حضرت اسعدؓ بن زرارہ نے بطور تحفہ آنحضرتؐ کی خدمت میں پیش کیا تھا ۔(8)
رسول کریم ﷺ کی مدینہ تشریف آوری پر جب مسلمانوں کیلئے مسجد کے قیام کی ضرورت پیدا ہوئی تو وہی احاطہ جو سھل اور سھیل کا تھا وہاں مسجد نبوی تعمیر کرنے کی تجویز ہوئی حضرت اسعدؓ نے یہ مخلصانہ پیشکش کی کہ ان دونوں بچوں کو میں راضی کرلوں گا یہ زمین مسجد کیلئے قبول کر لی جائے اور اس کے عوض انہوں نے بنی بیاضہ والااپنا باغ پیش کردیا (9) آنحضر ت ﷺنے رقم دئیے بغیر وہ قطعہ زمین قبول کرنے پر رضا مندی نہیں فرمائی ۔
بیماری میں حضور ﷺ کی شفقت
حضرت اسعدؓ بن زرارہ غزوہ بدر سے پہلے ہی بیمار ہو کر وفات پاگئے۔ انکو ایسی بیماری لاحق ہوگئی جس سے چہرہ اور جسم سرخ ہوجاتاہے۔ اس زمانے کے دستور کے مطابق اس بیماری کا علاج داغنے سے کیا جاتا تھا آنحضرت ﷺ کی مدینے ہجرت کے بعد حضرت اسعدؓ وفات پانے والے پہلے فرد ہیں۔ ہجرت کے بعد مدینہ میں مسلمانوں کیلئے نیا ماحول تھا یہود کی دشمنی الگ تھی ،آنحضرت ﷺ کو فکر لاحق تھی کہ اس عاشق صادق اور وفا شعار صحابی کی بیماری یا موت دشمن کی خوشی کا موجب نہ ہوں۔حضور ﷺ اسعدؓ کی عیادت کیلئے ان کے گھر تشریف لے گئے۔ ان کی بیماری کا حال دیکھ کر آپُ نے پہلے ہی تقدیرالہٰی کا مسئلہ کھول کر بیان کردیا اور فرمایا کہ’’ حضرت اسعدؓ اس بیماری سے جانبر نہیں ہوسکیں گے اور یہود طعنہ زنی کریں گے کہ دیکھو!یہ کیسا نبی ہے اپنے وفا شعار ساتھی کو بھی بچا نہیں سکا۔‘‘آپ ؐنے فرمایا کہ’’ سچ تو یہ ہے کہ نہ تو میں اپنے بارے میں بھی کوئی قدرت اور اختیار رکھتا ہوں نہ کسی دوسرے کیلئے مجھے کوئی طاقت حاصل ہے اس لئے کوئی مجھے ابو امامہؓ( اسعدؓ بن زرارہ) کے بارہ میں ملامت نہ کرے‘‘ تقدیر مبر م معلوم ہوجانے پر بھی حضورؐ نے علاج اور تدبیر نہیں چھوڑی۔ آنحضور ؐ کے مشورہ سے بالآخرداغنے کا علاج کیا گیا مگر تقدیر الہیٰ غالب آئی اور حضرت اسعدؓ بن زرارہ اسی بیماری سے فوت ہوگئے ۔(10)
اس موقع پر بھی آنحضرت ﷺ نے کمال محبت اور تعلق کا اظہار فرمایا ان کی وفات کے بعد حضورؐخود ان کے غسل دینے میں شریک ہوئے۔ انہیں تین چادروں کا کفن پہنایااورخود نماز جنازہ پڑھائی۔ حضرت اسعد ؓ وہ پہلے خوش قسمت صحابی تھے جو جنت البقیع میں دفن ہوئے۔نبی کریم ﷺ ان کے جنازہ کے ساتھ آگے آگے چلتے ہوئے جنت البقیع تک گئے اور یوںایک اعزاز کے ساتھ اپنے وفا شعار ساتھی کی تدفین فرمائی۔(11)
حضرت اسعدؓ کی وفات جنگ بدر سے پہلے اورہجرت نبویؐکے چھ ماہ بعد شوال کے مہینے میں ہوئی ۔جبکہ مسجد نبوی کی تعمیر جاری تھی۔
آنحضرت ﷺسے حضرت اسعدؓکی محبت کا یہ عالم تھا کہ جو تین بیٹیاں کبشہ ،حبیبہ اور فارعہ چھوڑیں انکی وصیت اپنے آقا آنحضرت ؐ کے حق میں کی کہ رسول اللہ ﷺ ہی میری بچیوں کے نگران و محافظ ہوں گے اور ان کے حق میں جو مناسب فیصلہ ہووہی فرمائیںگے۔ آنحضرت ﷺ نے بھی یہ حق خوب ادا کیا حضرت اسعدؓ کی بچیوں کواپنے گھر میں لے آئے۔ وہ آپؐ کے کنبہ کی طرح آپ ؐ ہی کے گھر میں رہتی تھیں۔ آپ ؐ کے گھر میں ہی پلی بڑھیں اور آنحضور ؐ نے ان کا بہت خیال رکھا ۔بعد کے زمانے میں جب مختلف جنگوں میں مال غنیمت آیا جس میں سونا اور کچھ موتی تھے۔ آنحضرت ﷺ نے ان بچیوں کو بھی اس میں سے تحفہ عطا فرمایا ۔(12)
حضرت اسعد ؓ کی وفات کے بعد آنحضرت ﷺ کی خدمت میں انکے قبیلہ کے لوگ حاضر ہوئے اور عرض کیا یارسول اللہ ﷺہمارا سردار فوت ہوگیا ہے ان کا کوئی اور قائمقام سردار ہمارے قبیلہ میں سے مقرر فرمادیں ۔حضور ﷺ نے فرمایا بنو نجّار !اَنْتُمْ اِخْوَانِیْ وَ أَناَ نَقِیْبُکُمْ تم میرے بھائی ہو اور میں تمھارا نقیب ہوں۔ اسعد ؓبن زرارہ کے بعداب تم میری کفالت میں ہو۔ میں خود تمہارا خیال رکھوں گا اور تمھاری نگرانی کے حق ادا کروں گا(13)کتنے سعادت مند تھے اسعدؓ! بلا شبہ وہ اسم بامسمّٰی تھے جنہیں اپنے آقا و مولا کی اتنی شفقتیں عطا ہوئیں۔
ایں سعادت بزور بازونیست
حوالہ جات
1-
ابن سعد جلد 3صفحہ 610.608
-2
اسد الغابہ جلد 1صفحہ 71
-3
ابن سعد جلد 3صفحہ 322
-4
اسد الغابہ جلد 1صفحہ 71
-5
ابن سعد جلد 3صفحہ 609
-6
اصابہ فی جلد 1صفحہ 32
-7
مسلم جلد 3صفحہ 1623
-8
زادالمعاد جلد 1صفحہ 132
-9
زرقانی جلد اول صفحہ264
-10
اسد الغابہ جلد 1صفحہ 71،ابن سعد جلد3ص 611
-11
ابن سعد جلد 3صفحہ 612
-12
ابن سعد جلد 3صفحہ 611،استیعاب جلد1ص 175
-13
اسد الغابہ جلد 1صفحہ 72

حضرت خارجہ بن زید ؓ
نام ونسب،قبول اسلام
حضرت خارجہ بن زید ؓ کاتعلق بنو حارث بن خزرج سے تھا۔ والدہ کا نام سیدہ بنت عامر تھا۔ وہ اوس قبیلہ سے تھیں۔ حضرت خارؓجہ کوبیعت عقبہ میں شریک ہونے کی سعادت ملی۔
نبی کریم ﷺنے مدینہ ہجرت فرمائی اور مواخات کا سلسلہ قائم فرمایا اور ہر آنے والے مہاجر کو مدینہ کے ایک انصاری کا بھائی بنا دیا ۔ حضرت خارجہ بن زید ؓ کی خوش نصیبی کہ وہ صدیق اکبر حضرت ابو بکر ؓ کے اسلامی بھائی بنے ۔
حضرت ابو بکر ؓ نے حضرت خارجہ بن زیدؓ کے گھر میں ہی قیام کیا اسلامی اخوت کا یہ رشتہ اور تعلق اتنا بڑھا کہ بالآخر حضرت خارجہؓ نے اپنی صاحبزادی حبیبہؓ کی شادی حضرت ابوبکر ؓ سے کردی اور یوں دامادی کا رشتہ بھی اس خاندان سے قائم ہوگیا اور حضرت خارجہ ؓ حضرت ابو بکر ؓ کے خسر ٹھہرے ۔
بدرواحد میں داد شجاعت
حضرت خارجہ ؓ کو غزوہ بدر میں شریک ہونے کی سعاد ت بھی عطاہوئی اورغزوہ احد میں بھی آپ شریک ہوئے بلکہ بڑی بہادری اور دلیری سے لڑتے ہوئے انہوں نے جام شہادت نوش کیا۔ حضرت خارجہؓ کو دس سے کچھ اوپر زخم آئے تھے۔ احد کے میدان میں زخموں سے نڈھال پڑے تھے کہ مشرکین مکہ کا سردار صفوان بن امیہ وہاں سے گذرا۔ اس بد بخت نے انہیں دیکھ کر پہچان لیا اور کہا کہ یہ وہ شخص ہے جس نے میرے والد امیہ بن خلف کو قتل کیا تھا ۔یہ کہہ کر اس نے حضرت خارجہ ؓ کا مثلہ کیا اور ان کے ناک اور کان کاٹ لئے اور کہا کہ محمد ؐ کے ایسے نمایاں ساتھی کوقتل کرکے میری آتش انتقام سرد ہوئی۔(1)حضرت خارجہ ؓ کی صاحبزادی حبیبہؓ حضرت ابو بکر ؓ کی زوجہ محترمہ تھیں۔ حضرت ابو بکر ؓ نے اپنی وفات کے وقت فرمایا’’میری اہلیہ حبیبہؓ بنت خارجہ جو امید سے ہیں ان کے ہاں مجھے بیٹی کی توقع ہے ‘‘اور انکے حق میں وصیت بھی فرمائی۔ چنانچہ ام کلثومؓ بنت ابی بکر حضرت حبیبہؓ کے بطن سے پیدا ہوئیں حضرت خارجہ ؓ احد میں داستان وفا رقم کرنے والے صحابی حضرت سعد بن ربیع انصاری ؓ کے ساتھ اکٹھے ایک ہی قبرمیںدفن ہوئے ۔(2)
حوالہ جات
1-
ابن سعد جلد 3ص 524
-2
اسد الغابہ جلد 2صفحہ 72 و اصابہ جز 2ص 85

حضرت ابو الہیثم انصاری ؓ
نام ونسب
حضرت ابو الہیثم بن التیّہان الانصاری کا تعلق اوس قبیلے سے تھا۔ اصل نام مالک بن بلیّ تھا والد کا لقب التیہان تھا۔ مگر آپ اپنی کنیت ابو الہیثم سے مشہور ہوئے ۔والدہ لیلیٰ بنت عتیک قبیلہ بلیّ سے تھیں۔ابن اسحاق کے مطابق آپ بنی عبدالاشہل کے حلیف تھے۔ (1 )
قبول اسلام
حضرت ابو الہیثمؓ کو بھی ابتدائی زمانے میں اسلام قبول کرنے کی سعادت حاصل ہوئی ہے۔ وہ حضر ت اسعد ؓبن زرارہ کے ساتھ دوسرے نمبر پر اسلام قبول کرنے والے تھے اور ان چھ افراد میں شامل تھے جو عقبہ میں مدینہ کے پہلے وفد کے طور پر آنحضرت ﷺسے ملے۔ پھر بیعت عقبہ ثانیہ میں اولین بیعت کرنے والوں میں سے تھے ۔انصار کے قبیلہ بنی عبدالاشہل کے آپ نقیب تھے۔ اپنے قبیلے سے غیر معمولی محبت اور قربانی کا اظہا ر اس طرح کرتے تھے کہ میرا مرنا اور جینا میرے قبیلے کی خاطر ہوچکا ہے ۔
ابو الہیثمؓ انصار کے ایک اور وفاشعار سردار حضرت اُسیدؓ بن حضیر کے چچا زاد بھائی تھے۔ حضرت اسعدؓ کے ساتھ انکی دوستی تھی یہ دونوں آغاز سے ہی توحید پرست تھے ۔انہیں اسی سعادت ازلی کی بناء پر انصار مدینہ میں سے اسلام قبول کرنے کی توفیق ملی ۔ پھر مدینہ آکر ابتدائی زمانے میں اسلام کا پیغام پہنچانے کی سعادت بھی آپ کو حاصل ہوئی ۔ (2)
ایثار ووفا
بیعت عقبہ کے دوران اپنے دوست حضرت اسعدؓ کی طرح حضرت ابو الہثیمؓ نے بھی کمال وفااور ایثار کا نمونہ دکھایا ہے ۔جب نبی کریم ﷺاور انصار کے مابین معاہدہ طے ہورہا تھااور حضرت براء ؓ انصار کے نمائندہ کے طورپر گفتگو کررہے تھے۔ حضرت ابو الہیثمؓنے عرض کیا ’’یارسولؐ اللہ ہمارے اور بعض دیگر قبائل کے درمیان باہمی مدد کے کچھ معاہدے ہیں جب ہم اسلام قبول کرلیں گے اور بیعت کرکے آپ ہی کے ہوجائیں گے تو ان معاہدوںکا معاملہ جیسے آنحضور ؐ ارشاد فرمائیں گے ہوگا۔ہم نے بہرحال آپؐ کی پیروی کرنی ہے اس موقع پر میں آپ ؐ کی خدمت میں ایک گزارش کرنا چاہتا ہوں‘‘ اوروہ دراصل ایک محبت بھری خواہش اور ایک بے قرار تمنا تھی جو ایک سچے عاشق کے دل میں اٹھی۔ کہنے لگے ’’یار سولؐ اللہ اب ہمارا تعلق آپ سے قائم ہورہا ہے۔ جب اللہ تعالیٰ آپ ؐ کی نصرت فرمائے اور آپؐ کی قوم پر آپؐ کو غلبہ نصیب ہوتو اس وقت آپ ؐ ہمیں چھوڑ کر واپس اپنی قوم میں نہ چلے جائیںاور ہمیں داغ مفارقت نہ دیں‘‘،آنحضرت ؐاپنے اس صحابی کی محبت بھری سوچ سے لطف اندوز ہوکر مسکرائے اور فرمایا ’’تم کیسی باتیں کرتے ہو،اب تمہار ا خون میرا خون ہوچکا ہے اب میں تم سے ہوں اور تم مجھ میں سے ہو، جو تم سے جنگ کرے گا وہ مجھ سے جنگ کرے گا اور جو تم سے صلح کریگا وہ مجھ سے صلح کرے گا ۔‘‘(3)یہ تھا انصار مدینہ کا رسول اللہ ﷺسے محبت اور وفا کا تعلق ہے جس کی بنیادیں بیعت عقبہ میں رکھی گئیں ۔
غزوات اورمہمات میں شرکت
ابو الہیثمؓ مدینہ کے سردار اور بزرگ اصحاب میںسے تھے آنحضور ؐنے حضرت عثمان ؓ بن مظعون کے ساتھ ان کی مواخات قائم فرمائی۔ حضرت ابوا لہیثم ؓ کو تما م غزوات میںمالی قربانی کے علاوہ دیگر خدمات کی توفیق بھی ملی ،بدر ،احد اور خندق میں شریک ہو کر بہادری کے جو ہر دکھائے ۔
غزوہ موتہ میں حضرت عبداللہ ؓبن رواحہ کی شہادت کے بعد نبی کریم ؐ نے حضرت ابو الہیثمؓ کو خیبر میں کھجوروں کے پھل کااندازہ کرنے کے لئے بھی بھجوایا تھا۔ وہاں مسلمانوں کی ملکیت میں جو باغات تھے۔ ان کے نصف پھل مسلمانوں اور نصف یہودکے حصہ میں آتے تھے ،ضرورت تھی کہ کوئی ذمہ دار صاحب عدل وبصیرت شخص وہاں جاکر ان باغات کے پھلوں کے درست اندازے کرے تا یہود کو فتنہ کا موقع نہ ملے۔ یہ نہایت اہم خدمت اور نازک ذمہ داری حضور ؐ نے حضرت ابو الہیثم ؓ کے سپرد فرمائی۔(4)
حضرت ابو الہیثمؓ سے مروی ایک مشہور حدیث یہ ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ’’ جو السلام علیکم کہتا ہے اسے دس نیکیاں ملتی ہیں اسکے ساتھ ورحمۃ اللہ کہنے والے کو بیس نیکیاں اور و برکاتہ کہنے والے کو تیس نیکیاں ملتی ہیں ۔‘‘(5)
دعوت اور صحابہ کی دعا
ابو الہیثم ؓ بہت اعلیٰ درجے کے مہمان نواز تھے۔اس وجہ سے انہوں نے آنحضرت ﷺ کی بہت دعائیں بھی پائی ہیں ۔چنانچہ حضرت جابر ؓ بن عبداللہ بیا ن کرتے ہیں کہ ایک دفعہ ابو الہیثم ؓ نے بنی کریم ﷺ کی دعوت کی اور آنحضور ﷺ اپنے صحابہ کے ساتھ ان کے ہاں کھانا کھانے کیلئے تشریف لے گئے۔ یہ آغاز ہجرت کے زمانے کا واقعہ معلوم ہوتا ہے ۔جب مسلمانان مدینہ کے معاشی حالات کافی کمزورتھے ۔نبی کریم ﷺ نے کھانے سے فارغ ہونے کے بعد خاص طور پر صحابہ کو دعا کی تحریک کرتے ہوئے فرمایا کہ اب اپنے اس بھائی کو بدلہ بھی تو دو ۔صحابہ نے عرض کیا یار سول اللہ ؐ!کیا بدلہ دیں ؟نبی کریم ؐ نے فرمایا کہ جب ایک شخص کسی کے گھر میں جاکر کھانا کھاتا اور پانی پیتا ہے تو اس کیلئے مناسب ہے کہ وہ اہل خانہ کیلئے دعا کرے نبی کریم ؐ نے اپنے اس نہایت ہی وفا شعار صحابی کیلئے دعا کروائی ۔(6)
خدمت رسول ﷺ
حضرت ابو الہیثم ؓ کی فدائیت اور جانثاری کا ایک اورخوبصور ت واقعہ حضرت ابو ہریرہ ؓ یوں بیان کرتے ہیں کہ آنحضرت ؐ ایک دفعہ گھر سے ایسے وقت میں نکلے کہ بالعموم انسان ایسے وقت میں گھر سے نہیں نکلتا۔معلو م ہوتا ہے تپتی دوپہر کا وقت تھاآپ ؐمسجد نبوی میں تشریف لائے۔ اتفاق سے اسی وقت حضرت ابوبکرؓ بھی تشریف لائے ۔نبی کریم ؐ نے پوچھا ابوبکرؓ کیسے آنا ہوا؟انہوں نے عرض کیا یارسولؐ اللہ! میں اس لئے نکلا ہوںکہ آپ ؐ کا دیدار ہوجائے اور آپ کی خدمت میں سلام عرض کر آئوں ،ابھی تھوڑی ہی دیر گزری تھی کہ حضرت عمر ؓ بھی آگئے حضور ؐ نے فرمایا عمر !ؓ آپ کیسے آئے ؟ حضرت عمرؓ نے عرض کیایارسول اللہ ﷺ ، بھوک کے مارے آیاہوں ۔آنحضرت ؐ نے فرمایا میرا بھی بھوک سے یہی حال ہورہا ہے ۔ آئو ابو الہیثم ؓ بن التیّہان انصاری کے گھر چلتے ہیں۔ابوالہیثمؓ کھجوروں اور بکریوں کے بڑے ریوڑ کے مالک تھے۔ اتفاق سے اس زمانے میں ان کے اپنے گھرمیں کوئی خادم یا نوکر نہیں تھا۔یہ مبارک قافلہ جب انکے گھر پہنچا توحضرت ابو الہیثم ؓ کی بیوی نے خوش آمدید کہا ۔ ابو الہیثم ؓ کے بارے میں پوچھا تو کہنے لگیں وہ پانی لینے گئے ہوئے ہیں ۔ کسی قدر انتظار کے بعد وہ آگئے۔ حضوؐر کو اپنے گھر میں دیکھ کر انکی خوشی کی کوئی انتہا نہ رہی۔ پانی کا برتن رکھتے ہی وہ دوڑے چلے آئے اور آکر آنحضرت ؐ سے لپٹ گئے ۔ حضور ؐ پر اپنی جان و مال وارنے لگے۔میرے ماں باپ آپ ؐ پر قربان یارسولؐ اللہ! میرے ماں باپ آپ ؐ پر قربان!یارسولؐ اللہ خدا کاشکر ہے کہ آپ ؐ ہمارے ہاں تشریف لائے ۔پھر عرض کیا کہ حضور آئیں میرے باغ میں تشریف لے چلیں۔ وہاں جاکر انہوں نے ایک چادر بچھا دی جس پر آنحضوؐر تشریف فرما ہوئے ۔ کھجوروں کا موسم تھا ابو الہیثم ؓ نے بھی بھانپ لیا کہ حضور ﷺکو اور آپ کے ساتھیوں کو فوری طور پر کچھ کھانے کیلئے پیش کرنا چاہیے ۔وہ کھجور کے درخت سے جلدی سے ایک خوشہ کاٹ کر لے آئے جس میں کچے پکے ڈوکے بھی تھے اور پکی ہوئی کھجوریں بھی اور وہ آنحضرت ﷺکی خدمت میںپیش کر دیا ،حضور ﷺ نے فرمایا کہ ابوالہیثم ؓ تم پکی پکی کھجوریں چن کر کیوںنہیں لے آئے تو عرض کیا کہ یا رسولؐ اللہ ! میں نے چاہا آپ ؐ اپنی پسند کے مطابق پکی کھجوریں یا ڈوکے خود چن کر کھالیں ۔ابوالہیثمؓ نے پھلوں کا یہ تحفہ پیش کرنے کے بعد سب کو پانی وغیرہ پلایا۔ آنحضور ؐاور آپ کے اصحاب نے کھجوریں کھائیں اور نبی کریم ﷺنے شکر نعمت کا مضمون بیان کرتے ہوئے فرمایا’’خدا کی قسم ! یہ وہ نعمتیں ہیں جن کے بارے میں تم قیامت کے دن پوچھے جائو گے‘‘ یعنی ٹھنڈا سایہ ، تازہ کھجوریں ،پینے کیلئے ٹھنڈ ا پانی یہی تو نعمتیں ہیں جن کا شکر ہم سب پر واجب ہے۔ابو الہیثم ؓ اس دوران کھانے کا انتطام کرنے کیلئے جانے لگے تو حضور ؐ نے ان کے غیر معمولی اخلاص کے پیش نظر نصیحت فرمائی کہ دیکھنا ابو الہیثم ؓ اپنی کوئی ایسی بکری ذبح نہ کردینا جو دودھ دینے والی ہو مبادا تم دودھ سے محروم ہوجائو۔چنانچہ انہوں نے نبی کریم ﷺ کی ہدایت کی روشنی میں ایک چھوٹا سا بکروٹا ذبح کیا اور آپؐ کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا۔
رسول کریم ﷺ کا تحفہ اور اس کی قدردانی
حضور ﷺکا اپنے صحابہ کے ساتھ کمال شفقت کا سلوک ہوتا تھا۔ آپ ؐ نے ابو الہیثم ؓ کو جب گھر میں خودکام کاج کرتے دیکھا تو فرمایا’’کیا گھر میں کوئی خادم نہیں ہے جو تمہاری مدد کر دے؟‘‘انہوں نے عرض کیا یا رسولؐ اللہ آجکل ہمارے پاس کوئی خادم نہیں ہے۔ آپ ؐ نے فرمایا ’’اچھا جب ہمارے پاس کوئی قیدی وغیرہ آئیں تو یاد کروانا تمہارے لیے کسی خادم کا انتظام کردیں گے۔‘‘اس کے کچھ عرصے بعد آنحضور ﷺکے پاس دو غلام آئے۔ آپ ؐ نے ابو الہیثمؓ کوخود یاد کرکے فرمایا کہ’’ ان دونوں میں سے جو چاہو چن لو،میں یہ خادم آپ ؓ کو تحفہ میںدیتا ہوں‘‘ حضرت ابوالہیثم ؓ کی وفا شعاری ملاحظہ ہو کہنے لگے یارسول اللہ ﷺ ! آپ ؐ ان دونوں میں سے جو میرے لئے پسند کریں گے اس میں زیادہ برکت ہوگی ۔میری خواہش ہے کہ آپ ؐخود میرے لئے ایک خادم کا انتخاب فرمادیں ۔نبی کریم ؐ نے فرمایا’’ جس سے مشورہ لیا جاتا ہے وہ امین ہوتا ہے۔‘‘ پھر ان میں سے ایک طرف اشارہ کرکے فرمایا’’یہ خادم لے لو میںنے اسے نماز پڑھتے دیکھا ہے اور میری نصیحت ہے کہ اس کے ساتھ اچھا سلوک کرنا۔‘‘ابو الہیثم ؓاس خادم کو گھر لے گئے تو وہی نصیحت اپنی بیوی کو بھی کی۔آنحضرت ﷺنے یہ خادم ہمیںدیتے ہوئے حسن سلوک کا ارشاد فرمایا ہے۔ تم نے اس سے کام لینا ہے ۔حضور ؐ کے حکم کا خیال رکھنا۔ ابوالہیثم ؓ کی بیوی بھی نہایت اطاعت شعار خاتون اور آنحضور ؐ سے محبت کرنے والی تھیں ،وہ کہنے لگیں کہ اے ابوالہیثم ؓ!پھر اس کا حق تو تبھی ادا ہوگا کہ تم اس غلام کو آزاد کردو۔ ابوا لہیثم ؓ نے اسی وقت اعلان کیا کہ خدا کے رسولؐ کی خاطر آج سے میں نے اس غلام کو بھی آزاد کردیا۔آنحضرت ؐ نے اس موقع پر فرمایا کہ ’’ہر نبی کاکوئی نہ کوئی قریبی ساتھی ہوتا ہے ۔جن سے وہ رازداری کی باتیں کرتا ہے وہ اسے نیکی کی تلقین کرتا اور برائی سے روکتا ہے ۔اور ایک راز دان یا مشیر برے مشورے دیتا ہے ۔جو شخص ایسے برے دوست سے بچایا گیا وہ محفوظ ہوگیا۔ حضور ﷺ کا ایک مطلب تو ظاہرتھا کہ ’’ہر نبی کا ایک ساتھی اور راز دان ہوتا ہے ۔‘‘(7) دوسرے یہ اشارہ تھاکہ بیوی بھی ایک مشیر ہوتی ہے ا س کی صورت میں بھی ابوالہیثمؓکو اللہ تعالیٰ نے اچھا مشیر عطا کیا ہے۔
شہادت
ایک روایت کے مطابق حضرت ابو الہیثم ؓکی وفات 20؁ ہجری میںہوئی بعض اورروایات میں ہے کہ جنگ صفین میں حضرت علی ؓ کے ساتھ شرکت کی اور اس میں شہادت پائی ۔(8)
حوالہ جات
1-
اصابہ جز 4ص209
-2
ابن سعد جلد 3صفحہ 447
-3
مسند احمد جلد 3صفحہ 462
-4
ابن سعد جلد 3صفحہ 448
-5
اصابہ جز 7صفحہ 55
-6
ابو دائود کتا ب الاطعمہ باب الدعا ء
-7
ترمذی ابواب الزھدباب معیشۃ النبیؐ
-8
ابن سعد جلد 3صفحہ 449،اصابہ جز 7صفحہ 209

حضرت سعد بن معاذانصاریؓ
نام ونسب
حسین چہرہ،موٹی آنکھیں،خوبصورت داڑھی یہ تھے حضرت سعدؓ بن معاذ انصاری۔ ان کا تعلق اوس قبیلہ کی شاخ بنو عبدالاشہل سے تھا اور قبیلہ اوس کے سردار تھے۔ والدہ حضرت کبشہؓ بنت رافع نے بھی رسول اللہ ﷺ کی بیعت اور صحابیت کا شرف پایا۔نہایت مخلص ایثار پیشہ اور وفاشعار خاتون تھیں۔حضرت سعدؓ کی کنیت ابو عمرو تھی۔(1)
قبول اسلام
حضرت سعدؓ کو مدینہ میں اسلام کے پہلے مبلغ حضرت مصعب بن عمیرؓ کے ذریعہ اسلام قبول کرنے کی توفیق ملی۔
حضرت مصعبؓ نے مدینہ میںاسلام کے پہلے مبلغ کے طور پر بھی تبلیغ کا حق خوب ادا کیا۔ آپ ؓ نے دعوت الی اللہ کے جذبہ سے سرشار ہو کر کمال محنت، اخلاص اور حکمت و محبت کے ساتھ مدینہ کے اجنبی لوگوں سے رابطہ اور اثرورسوخ پیدا کرکے انہیں اسلام سے روشناس کرایا اور تھوڑے ہی عرصہ میں مدینہ کے ہر گھر میں اسلام کا بیج بودیا۔ ایک کامیاب داعی الی اللہ کے طور پر ان کا کردار یقینا آج بھی ہمارے لئے عمدہ نمونہ ہے۔ آپ نے بالکل اجنبی شہر مدینہ میں تبلیغ کا آغاز اس طرح کیا کہ اپنے میزبان اسعد بن زرارہؓ کو ساتھ لے کر انصار کے مختلف محلوں میں جانے لگے۔ وہاں وہ مسلمانوں اور ان کے عزیزوں کے ساتھ مجلس کرتے انہیں دینی تعلیم دیتے اور وہاں آنے والوں کو اسلام کا پیغام پہنچاتے۔ مگر جب لوگوں میں اسلام کا چرچا ہونے لگا تو ایک محلہ کے سردار سعد بن معاذ ؓاور اسید بن حضیرؓ نے ان دونوں داعیان الی اللہ کو اس نئے دین سے باز رکھنے کا فیصلہ کیا۔ جس کے بعد اسید بن حضیرؓ حضرت مصعبؓ کی مجلس میں نیزہ تھامے داخل ہوئے۔ اسعد بن زرارہؓ نے یہ دیکھتے ہی حضرت مصعبؓ سے سرگوشی کی کہ یہ اپنی قوم کا سردار آتا ہے اسے آج خوب تبلیغ کرنا۔ مصعبؓ بولے کہ اگر یہ چند لمحے بیٹھ کر بات سننے پر آمادہ ہوجائے تو میں ضرور اس سے بات کروں گا۔ ادھراسید بن حضیرؓ سخت کلامی کرتے ہوئے آگے بڑھے اور کہا’’ جان کی امان چاہتے ہو تو آئندہ سے ہمارے کمزوروں کو آکر بے وقوف بنانے کا یہ طریقہ واردات ختم کرو۔‘‘
حضرت مصعبؓ نے نہایت محبت سے کہا کیا آپ ذرا بیٹھ کر ہماری بات سنیں گے؟ اگر تو آپ کو بات بھلی لگے تو مان لیجئے اور بری لگے تو بے شک اس سے گریز کریں۔ اُسید منصف مزاج آدمی تھے۔ بولے بات تو تمہاری درست ہے۔ اور پھر نیزہ وہیں گاڑ کر بیٹھ گئے۔ حضرت مصعبؓ نے انہیں قرآن پڑھ کر سنایا اوران تک پیغام حق پہنچایا۔ تو یہ سچی تعلیم سن کر اُسید بے اختیار کہہ اٹھے کہ یہ کیسا خوبصورت کلام ہے! اچھا یہ بتائو اس دین میں داخل ہونے کے لئے کیا کرنا پڑتا ہے؟ اسعد بن زرارہؓ اور مصعبؓ نے انہیں بتایا کہ نہادھو کر اورصاف لباس پہن کر حق کی گواہی دو پھر نماز پڑھو۔ انہوں نے ایسا ہی کیا۔ پھر اُسیدخود ہی کہنے لگے کہ میرا ایک اور بھی ساتھی ہے۔ یعنی سعد بن معاذؓ اگر وہ مسلمان ہوجائے تو اس کی ساری قوم سے ایک شخص بھی قبول اسلام سے پیچھے نہیں رہے گا۔ اور میں ابھی اسے تمہارے پاس بھیجتا ہوں۔ اور انہوں نے سعدؓ کو نہایت حکمت کے ساتھ مصعبؓ کے پاس بھیجا۔ حضرت مصعب بن عمیرؓ نے ان کو بھی نہایت محبت اور شیریںگفتگو سے رام کر لیا انہیں قرآن سنایا اور اسلام کا پیغام پہنچایا۔ چنانچہ حضرت سعدؓ نے بھی اسلام قبول کرلیا۔ بلاشبہ یہ دن مدینہ میں اسلام کی فتح کے بنیاد رکھنے والا دن تھا۔ جس روز ایسے عظیم الشان بااثر سرداروں نے اسلام قبول کیا حضرت سعدؓ نے اپنی قوم کو یہ کہہ دیا ’’میرا کلام کرنا تم سے حرام ہے جب تک مسلمان نہ ہوجائو۔‘‘ اس طرح عبدالاشہل کا سارا قبیلہ مسلمان ہوگیا۔(2)
نڈر داعی الی اللہ
علامہ ابن اثیر نے آپ کے قبول اسلام پر کیا خوب رائے دی ہے کہ حضرت سعدؓ کا قبول اسلام سب لوگوں سے زیادہ برکت کا موجب ہوا کہ ان کی پوری قوم کے مردوں اور عورتوں کو ہدایت نصیب ہوئی جن کی تعداد قریباً ایک ہزار تھی۔ یہ مدینہ کا پہلا محلہ تھا جو پورے کا پورا مسلمان ہوگیا۔(3)
اس واقعہ سے حضرت سعدؓ کی کمال بصیرت ،دانشمندی،جرأت وبہادری سچائی سے رغبت اور اسے پھیلانے کے شوق اور طبعی شرافت و سعادت قبیلے میں ان کے اثر رسوخ اور مقام کا بھی پتہ چلتا ہے ۔مسلمان ہونے کے بعد دور اندیش حضرت سعدؓ نے اپنے قبیلہ کے نومسلموں کی تربیت اور آگے تبلیغ کی خاطر مبلغ اسلام حضرت مصعبؓ بن عمیر کو اپنے پاس لے آئے ۔ ان کے قیام و طعام کا انتظام کیااور اپنے ڈیر ے پر لوگوں کو بلا کر حضرت مصعبؓ کے ذریعہ دعوت الی اللہ کے کام میں تیزی پید ا کی ۔
رسول کریم ﷺ نے ایک روایت کے مطاق حضرت سعدبن ابی وقاص ؓسے آپ کی مؤاخات قائم فرمائی۔ دوسری روایت کے مطابق ان کے حضرت ابوعبیدہؓ بن الجرح کا دینی بھائی بنایا۔(4)
مسلمانوں کیلئے ہجرت مدینہ کے بعد پیدا ہونے والے غیر معمولی اور کٹھن حالات میں حضرت سعدؓ جیسے بااثر سردار مدینہ کا قبول اسلام اہل مدینہ کیلئے ایک نعمت ثابت ہوااور وہ حضرت ابوبکرؓ و عمرؓ کی طرح رسول اللہ ﷺ کے دست و بازو اور عمدہ مشیر ثابت ہوئے۔اللہ تعالیٰ نے ان کو سردارانہ شان کے ساتھ حزم و دانش بھی خوب عطا کی تھی اس کے ساتھ ساتھ وہ ایک نڈر اور بے باک سردار تھے۔
مدینہ کے ابتدائی دور میں طواف کعبہ
سردار مدینہ ہونے کے ناطے آپ کے ذاتی تعلقات سرداران مکہ سے بھی تھے۔ سردار قریش امیہ بن خلف سے تو ایسی گہری دوستی تھی کہ وہ ملک شام وغیرہ کے سفر پر جاتے ہوئے مدینہ میں حضرت سعدؓ کا مہمان ٹھہرتا تھا۔ حضرت سعدؓ مکہ جاتے تو اس کے ذاتی مہمان ہوتے۔رسول کریمؐ کی مدینہ تشریف آوری کے بعد پہلے سال کی بات ہے حضرت سعدؓ عمرہ کرنے مکہ گئے اور اپنے دوست امیہ کے مہمان ٹھہرے لیکن چونکہ وہاں مسلمانوں کی سخت مخالفت تھی اسلئے ازراہ احتیاط اپنے دوست امیہ سے کہا کہ’’ کسی مناسب وقت میں جب بیت اللہ میں بہت ہجوم نہ ہومجھے خاموشی سے خانہ کعبہ کا طواف کروادینا۔‘‘ امیہ ان کو سنسان دوپہر میں طواف کیلئے لے گئے مگر کرنا خدا کا کیا ہوا کہ سردار مکہ ابوجہل سے آمنا سامنا ہوگیا اور اس نے امیہ سے پوچھ لیا کہ ابو صفوان! یہ تیرے ساتھ کون ہے؟ انہوں نے بتایا کہ میرے دوست سعدؓ ہیں۔ ابو جہل نے سعدؓ کو مخاطب ہو کر کہا میں تمہیں مکہ میں امن سے طواف کرتے دیکھ رہا ہوں۔ حالانکہ تم لوگوں نے بے دین لوگوں(مسلمانوں) کو پناہ دے رکھی ہے اور ساتھ ان کی مکمل حمایت و مدد کے اعلان بھی کرتے ہو۔ خدا کی قسم! اگر سردار مکہ ابو صفوان تمہارے ساتھ نہ ہوتا تو آج تم اپنے گھر والوں کی طرف صحیح سلامت واپس لوٹ کر نہ جاتے۔
حضرت سعدؓ کی سردارانہ حمیت جاگی اور آپ نے بڑی سختی سے جواب دیا کہ اگر تم نے مجھے طواف بیت اللہ سے روکا تو یاد رکھو میں تمہارا مدینہ سے شام جانے والا تجارتی راستہ روک دونگا جو تمہارے لئے زیادہ تکلیف دہ اورمشکل ہوگا۔ اس پر حضرت سعدؓ کے دوست امیہ نے معاملہ رفع دفع کرانے کی خاطر کہا کہ اے سعد! سردار مکہ ابو الحکم کے سامنے ایسے سخت لہجے میں بات نہ کرو۔ حضرت سعدؓ نے کوئی لگی لپٹی رکھے بغیر امیہ کو مخاطب کرکے کہا کہ تم ہمارے معاملہ میں نہ پڑو خدا کی قسم میں نے خود رسول اللہ ﷺ کو فرماتے سنا ہے تم مسلمانوں کے ہاتھوں قتل ہو کر رہوگے۔(5)
اس واقعہ سے حضرت سعدؓ کی جرأت و شجاعت کے ساتھ ایمانی غیر ت اور خدا کی ذات پر کامل توکل کا بھی اندازہ ہوتا ہے کہ تن تنہا دشمن کے نرغے میں ہوتے ہوئے بھی کوئی طاقت انہیں حق گوئی سے نہیں روک سکی۔
غزوہ بدر کے موقع پر جب کفار مکہ کے حملہ کا خطرہ تھا نبی کریم ﷺنے صحابہ کرام سے مشورہ طلب فرمایا کہ آیا مدینہ کے اندر رہ کر اپنا دفاع کیا جائے یا مدینہ کے باہر نکل کر دشمن سے مقابلہ ہو۔ جب مہاجرین میں سے بزرگ صحابہ حضرت ابوبکرؓ،حضرت عمرؓ اور مقدادؓ بن عمرو مشورہ دے چکے تو نبی کریمؐ انصار مدینہ کے ساتھ عقبہ میںکئے گئے معاہدہ کہ وہ مدینہ میں آپ کی حفاظت کریں گے کی روشنی میںانکی رائے بھی لینا چاہتے تھے اس لئے باربار فرماتے کہ’’ لوگو مشورہ دو۔‘‘
اطاعت ووفا
تب حضرت سعدؓ بن معاذ نے انصار کی نمائندگی کا حق ادا کرتے ہوئے عرض کیا۔’’ یا رسولؐ اللہ معلوم ہوتا ہے آپ ہماری رائے معلوم کرنا چاہتے ہیں ۔ آپؐ نے فرمایا ہاں۔ اس پر حضرت سعدؓ نے عرض کیا ہم آپ ؐپر ایمان لائے اور آپؐ کی تصدیق کی اور گواہی دی کہ آپ کی لائی ہوئی تعلیم برحق ہے اور ہم نے اس پر آپؐ سے پختہ عہد کئے کہ ہمیشہ آپ کی بات سن کر فوراً اطاعت کریں گے۔ پس اے خدا کے رسولؐ! آپ کا جوا رادہ ہے ا سکے مطابق آپ آگے بڑھیں انشاء اللہ آپ ہمیں اپنے ساتھ پائیں گے۔ اگر آپ اس سمندر میں کود جانے کیلئے ہمیں ارشاد فرمائیں تو ہم اس میں کود پڑیں گے اور ہم میںسے ایک بھی پیچھے نہیں رہے گا۔اور ہم کل دشمن سے مقابلہ کرنے سے گھبراتے نہیں۔ہم جنگ میں ڈٹ کر مقابلہ کرنا خوب جانتے ہیں۔ ہمیں کامل امید ہے کہ آپ کو اللہ تعالیٰ ہم سے وہ کچھ دکھائے گا جس سے آپ کی آنکھیں ٹھنڈی ہونگی۔ پس اللہ کی برکت کے ساتھ آپ جہاں چاہیں ہمیںلے چلیں۔‘‘ رسول کریمؐ حضرت سعدؓ کی یہ ولولہ انگیز تقریر سن کر بہت خوش ہوئے۔ (6)
جرأت و بہادری
حضرت سعدؓ نے جو کہا وہ پورا کر کے دکھایا۔ رسول کریم ﷺ کے ساتھ بدر و احد اور خندق میں شریک ہوکر خوب داد شجاعت دی۔ غزوہ بدرمیں تو اوس قبیلہ کا جھنڈا ہی حضرت سعدؓ بن معاذ کے پاس تھا۔ جسے اٹھائے وہ اپنے قبیلہ کی قیادت کرتے رہے۔
غزوئہ احد میں جب مسلمانوں کو کفار کے دوبارہ اچانک حملہ سے ہزیمت اٹھانی پڑی تو حضرت سعدؓ ان وفا شعار بہادر وں میں سے تھے جو رسول اللہ ﷺ کے ساتھ ثابت قدم رہے۔(7)
غزوہ خندق میں بھی حضرت سعدؓ شریک تھے۔ حضرت عائشہؓ اپنا یہ چشم دید واقعہ بیان کرتی تھیں کہ غزوہ خندق کے موقع پر وہ بنی حارثہ کے قلعہ میں تھیں اور حضرت سعدؓ بن معاذ کی والدہ بھی ان کے ساتھ تھیں۔ اس وقت عورتوں کیلئے پردہ کے احکام نہیںاترے تھے۔ لوگ تیار ہوکر میدان جنگ کیلئے نکل رہے تھے۔ حضرت سعدؓ بھی وہاں سے گزرے انہوںنے لوہے کہ ایک مختصر سی زرہ پہنی ہوئی تھی بازوزرہ سے باہر تھے ہاتھ میں نیزہ تھا اور یہ شعر پڑھتے میدان جنگ کی طرف رواں دواں تھے۔
لَبِّثْ قَلِیلًا یَلحَقُ الحَیْجَا جَمَلْ مَا اَحسَنَ المَوتُ اِذَا حَانَ الْاَجَلْ
ابھی تھوڑی دیر میں ہمار اونٹ بھی میدان جنگ میں پہنچ جائے گا اورجب انسان کو اللہ کی طرف سے بلاوا آجائے تو ایسے میں اس کی موت بھی کتنی خوبصورت ہوتی ہے۔ آپؓ کی والدہ نے بھی یہ سنا اور کہا میرے بیٹے !ذرا جلدی کروتم نے نکلنے میں دیر کر دی ہے۔(8)
حضرت عائشہؓ بیان فرماتی ہیں میں نے کہا اے سعدؓ کی ماں! کاش سعدؓ کی زرہ اس سے ذرا اور بڑی ہوتی کہ ان کے بازوئوں کی بھی حفاظت کرتی۔پھر وہی ہوا جس کا اندیشہ حضرت عائشہؓ کوگزرا تھا محاصرہ خندق کے دوران حضرت سعدؓ کو ایک تیر کندھے میں آکر ایسا لگا کہ شریان پھٹ گئی اور خون کا فوارہ بہ نکلا جو تھمتانہ تھااور بظاہر جانبر ہونے کی کوئی امید نہ رہی۔
سعدؓ کی دعا
اس موقع پر حضرت سعدؓ نے یہ دعا کی ’’اے اللہ !تو جانتا ہے کہ مجھے تیری راہ میں جہاد کرنے سے بڑھ کر کوئی چیز زیادہ محبوب نہیں اور جہاد بھی ایک ایسی قوم سے جس نے تیرے رسولؐ کو جھٹلایا اور اسے اس کے گھر سے نکالا۔ اے اللہ! میں خیال کرتا ہوں کہ تو نے غزوہ خندق کے ذریعہ سے آئندہ ہمارے اور ان کے درمیان جنگ کا خاتمہ کردیاہے۔ اگر تو قریش کی جنگ میں سے کچھ باقی ہے تو مجھے ان کے مقابلہ کیلئے زندہ رکھنا تاکہ میں تیری راہ میں ان سے جہاد کر سکوں او راگر جنگ کا (قریباً) خاتمہ ہو چکا ہے تو پھر میری رگ خون کھول دے اور اس زخم کو میری شہادت کا ذریعہ بنا دے۔ ہاں مگر مجھے اس وقت تک موت نہ دینا جب تک یہود بنی قریظہ کے فتنہ سے تو میری آنکھیں ٹھنڈی نہ کردے۔‘‘ (9)
حضرت سعدؓ کی یہ دعا عجب شان سے قبول ہوئی اور ان کے زخم کا جاری خون بند ہوگیا۔(10)
رسول اللہ ﷺکی شفقت
رسول اللہ ﷺ نے اپنے اس وفاشعار صحابی کی تیمارداری کا حالت جنگ میں جس قدر خیال کیا وہ بھی قابل رشک ہے۔
جب حضرت سعدؓ زخمی ہوئے تو رسول کریم ﷺنے ارشاد فرمایاکہ انہیں علاج معالجہ کیلئے اسلم قبیلہ کی خاتون رفیدہ کے خیمہ میں رکھ کرتیمارداری کی جائے۔ رفیدہ نرسنگ اور مرہم پٹی کی ماہر تھیں دوسرے زخمیوں کیلئے ان کا خیمہ مسجد کے اندر نصب تھا، حضوؐر کی منشاء یہ تھی کہ آپ حضرت سعدؓ کا خود خیال رکھ سکیں۔ چنانچہ نبی کریم ﷺان کی بیماری کے ایام میں صبح و شام اس خیمے میں تشریف لے جاتے اور ان کا حال دریافت فرماتے۔ خون روکنے کیلئے نبی کریمؐ نے عربوں میںرائج داغنے کے طریق سے بھی کام لیا جس سے خون رک کر ہاتھ کچھ پھول گیا اور پھر خون بہ پڑا۔ آپ نے دوبارہ داغا تب جا کر خون بند ہوا۔ رسول ؐ اللہ کا نمونہ دیکھ کر صحابہ بھی سعدؓ کی عیادت کیلئے حاضر ہوتے تھے۔
رسول کریم ﷺ نے حضرت سعدؓ کی عیادت کے دوران ان کی حوصلہ افزائی اور تعریف بھی کی اوردعا دیتے ہوئے آپؐ نے فرمایا’’اللہ تعالیٰ قوم کے اس سردار کو بہترین جزا عطا کرے اے سعد! آپ نے اپنا وعدہ پورا کر دکھایا اللہ بھی آپ کے ساتھ اپنا وعدہ پورا کرے گا۔‘‘(11)
بنو قریظہ کا ثالثی فیصلہ
زمانہ جاہلیت میں قبیلہ اوس اوربنوقریظہ کے مابین ایک دوسرے کی مدد کے عہدوپیمان تھے۔مگر رسولؐاللہ کی ہجرت کے بعد تمام اہل یثرب ایک میثاق مدینہ میں شامل ہوئے۔ جس کے مطابق بیرونی دشمن کے حملے کے وقت جملہ فریق ایک دوسرے کی مدد کے پابند تھے۔ جنگ احزاب کے موقع پر بنوقریظہ نے عہد شکنی اورخیانت کرتے ہوئے کفار مکہ کا ساتھ دیا۔
جنگ احزاب سے فارغ ہوکر رسول کریمؐ نے الٰہی منشاء کے مطابق بنوقریظہ کو ان کی بدعہدی کی بازپرس کیلئے ان کے قلعوں کا محاصرہ کیا۔ اگر وہ بھی قبیلہ بنونضیر کی طرح کوئی معاہدہ صلح کرتے یا معافی کے طلب گار ہوتے تو رحمۃ العالمین ﷺکے دربار رحمت سے امان ہی پاتے مگر انہوں نے اوس قبیلہ سے اپنے قدیم تعلقات پر بھروسہ کرتے ہوئے اپنے فیصلہ کیلئے ان کے سردار حضرت سعدؓ کو بطورثالث قبول کیا۔ رسول کریمؐ نے بھی حضرت سعدؓ کی ثالثی سے اتفاق رائے کیاتوحضرت سعدؓکو فیصلہ کیلئے بلوایاگیا۔ وہ زخمی حالت میں ہی گدھے پر سوار کرکے لائے گئے ۔رسول کریم ﷺقوم کے اس سردار کے احترام میں خود بھی کھڑے ہوگئے اور اپنے اصحاب سے فرمایا ’’ اپنے میں سے بہتر شخص کے اعزازکیلئے کھڑے ہوجائو۔‘‘ نبی کریم ﷺ نے حضرت سعدؓ کو بتایا کہ بنوقریظہ نے بطور ثالث آپ کے فیصلہ پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ حضرت سعدؓ نے ایک بہترین ماہر منصف کا کردارادا کرتے ہوئے پہلے بنوقریظہ سے پوچھا کہ جو فیصلہ میں اللہ کے عہد اور میثاق کے مطابق کروں گا تمہیں قبول ہوگا؟انہوں نے اثبات میں جواب دیا۔ پھر حضرت سعدؓ نے دوسری طرف اشارہ کیا جدھر نبی کریمؐ اور آپ کے اصحاب تھے کہ کیا ان سب کو بھی اللہ کے عہدومیثاق کے مطابق میرا فیصلہ منظور ہوگا۔رسولؐاللہ نے فرمایا منظور ہوگا۔حضرت سعدؓ نے توریت کے مطابق یہ فیصلہ سنایا کہ’’ بدعہدی و بغاوت کی سزا کے طور پر بنوقریظہ کے جنگجوقتل اورعورتیں و بچے قید کئے جائیں۔‘‘رسول کریمؐ نے یہ فیصلہ سن کر فرمایا کہ بلاشبہ سعدؓ کا یہ فیصلہ اللہ کے حکم کے مطابق ہے۔(12)
اس فیصلہ سے حضرت سعدؓ کی دعا کا وہ حصہ بھی پورا ہوگیا کہ بنوقریظہ کے فتنہ کے خاتمہ سے پہلے مجھے موت نہ آئے۔ اللہ تعالیٰ نے اس فتنہ کی سرکوبی انہیں کے ہاتھ سے کروائی۔ اب حضرت سعدؓ اپنے مولیٰ سے راضی برضاواپسی کیلئے ہمہ تن تیار تھے۔
آخری سفر
فیصلہ بنوقریظہ کے بعد حضرت سعدؓ اپنے خیمہ میں ہی زیر علاج تھے کہ ایک رات اچانک زخم پھوٹ پڑااور خون بہ کر ساتھ کے خیمہ میں جانے لگا۔ انہوںنے پتہ کروایا تو معلوم ہوا کہ حضرت سعدؓ کے زخم سے خون جاری تھا۔(13)
نبی کریم ﷺکو خبر ہوئی تو اپنے وفاشعار ساتھی کو دیکھنے خودتشریف لائے۔ آپؐ نے حضرت سعدؓ کاسراپنی گود میں رکھا۔ جسم سے بہنے والا خون رسول کریمؐ پر گرنے لگا مگر آپ اس سے بے پرواہ ہوکر حضرت سعدؓ کیلئے دعائیںکر رہے تھے۔ اور یہ معلوم کرکے کہ یہ سعدؓ کا آخری وقت ہے انہیں الوداع کہہ رہے تھے۔ آپ ؐ نے دعا کی کہ’’اے اللہ! سعدؓ نے تیری راہ میں جہاد کیا اس نے تیرے رسول کی تصدیق کی اور اپنے اوپر عائد ہونے والی ذمہ داری ادا کی۔ پس ا س کی روح کو اس طرح قبول کرنا جس طرح کوئی بہترین روح تیرے حضور قبول کی گئی۔ گویا اس کا آخری سفر رَاضِیَۃًمَرْضِیَّۃًہو اور شایان شان استقبال ہو۔ اس دعا کے شرف قبولیت کا ذکر آگے آرہا ہے۔
حضرت سعدؓ نے اپنے آقا کے محبت بھرے دعائیہ الفاظ سنے تو عالم شوق میں آنکھیں کھولیں اور رسولؐاللہ کے چہرہ پر آخری نظریں ڈال کر عجب وارفتگی میں کہا’’اَلسَّلاَمُ عَلَیکَ یَا رَسُولَ اللّٰہِ اَمَّا اِنّی اَشھَدُ اَنَّکَ رَسُولُ اللّٰہِ ‘‘(14)کہ اے اللہ کے رسول!(میرے محبوب) آپ پر سلام۔بس میری تو آخری گواہی یہی ہے کہ آ پ اللہ کے رسول ہیں یہ کہا اور جان جاں آفریں کے سپرد کردی۔
سعدؓ کی وفات کا صدمہ اورغم
حضرت ابوبکر ؓ اس جانثار بھائی کی ناگہانی موت پر درد بھرے دکھ کا بلند آواز سے اظہار کر بیٹھے تو نبی کریم ﷺنے منع فرمایا۔ حضرت عمرؓ نے یہ دیکھ کر اِنَّا اللّٰہِ وَاِنَّااِلَیہِ رَاجِعُونَ پڑھا کہ ہم اللہ کے ہیں اور اسی کی طرف لوٹ کر جانے والے ہیں۔
حضرت عائشہؓ فرماتی تھیں ’’اس صدمہ کے موقع پر میں ابوبکرؓ کے رونے کی آواز ،حضرت عمرؓ کے رونے کی آواز سے الگ پہچانتی تھی اور یہ سب(اصحاب رسولؐ)آپس میںبہت ہی محبت کرنے والے تھے ‘‘حضرت سعدؓ کا جنازہ اٹھا تو دنیا نے دیکھا کہ خدا کے رسول حضرت محمدمصطفی ﷺاپنے اس عزیز اورمحبوب صحابی کے جنازہ کو خود کندھا دے کر گھر سے باہر لائے اور جنازہ کے جلوس کی قیادت فرمائی۔(15)
بعض منافقوں نے اس موقع پر کہا کہ ہم نے سعدؓ سے زیادہ ہلکا جنازہ کسی کانہیں دیکھا۔یہ بنوقریظہ کے خلاف فیصلہ کرنے کی وجہ سے ہوگا۔ اس پر رسول کریم ﷺ نے فرمایا ’’اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے فرشتے سعدؓ کے جنازہ کو اٹھا رہے تھے۔‘‘
اسی طرح حضرت عبداللہؓ بن عمرو سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا کہ ’’سعدؓ بن معاذ کی وفات پر ستر ہزار ایسے فرشتے پہلی دفعہ زمین پر اترے جنہوں نے اس سے پہلے زمین پر قدم نہیں رکھا تھا۔‘‘(16)
حضرت عائشہؓ بیان فرماتی تھیں کہ رسول اللہ ﷺاور آپ کے دونوں قریبی ساتھیوں حضرت ابوبکرؓ اورعمرؓ کی وفات کے بعد مسلمانوں کیلئے سب سے بڑا صدمہ حضرت سعدؓ بن معاذ کی وفات کا تھا۔حضرت سعدؓنے عین عالم جوانی میں 37برس کی عمر میں جام شہادت نوش کیا اور جنت البقیع میں دفن ہوئے۔(17)
سعدؓ کا مقام و مرتبہ
حضرت عائشہؓ کا بیان ہے کہ ایک سفر حج یا عمرے سے واپسی پر ذوالحلیفہ میں حضرت اسیدؓ بن حضیر انصاری کو ان کی بیوی کی ناگہانی قتل کی اطلاع ملی تو وہ مارے غم کے منہ پر کپڑا لے کر رونے لگے میں نے ان سے کہا کہ اللہ آپ کو معاف فرمائے آپؓ رسول اللہ ﷺ کے قدیمی صحابی ہیں اور کئی نیک کاموں میں سبقت لے جانے والے ہیں۔ یہ آپ کو کیا ہوا کہ ایک عورت کی جدائی پر اتنا روتے ہیں۔اس پر انہوں نے کچھ حوصلہ پاکرجواب دیا’’ آپ بالکل سچ کہتی ہیں میری عمر کی قسم!حق یہ ہے کہ حضرت سعدؓ بن معاذ کی موت کے بعد مجھے کسی کی موت پر رونا تو نہیں چاہیے۔کیونکہ رسول کریمؐ نے ان کیلئے جو فرمایا وہ کیا ہی خوب تھا کہ سعدؓ بن معاذ کی وفات پر خدا کا عرش بھی جھوم اٹھا ہے۔‘‘ (18)
حضرت اسمائؓ بن یزید سے روایت ہے کہ جب حضرت سعدؓ بن معاذ کا جنازہ اٹھا تو ان کی والدہ کی چیخ نکل گئی رسول کریم ﷺنے فرمایا(میں جوبات بتانے والا ہوں اس سے ) ’’تمہارے آنسو رک جائیں گے اور تمہارا غم جاتا رہے گا۔ تمہارا بیٹا وہ پہلا شخص ہے جس کی اپنے حضور حاضری پر خدا بھی خوش ہوگیا اور عرش بھی اس (پاک روح کی آمد) پر جھوم اٹھا۔‘‘
دوسری روایت میں ہے کہ’’ رحمان خدا کا عرش اللہ کے نیک بندے سعدؓ کی وفات پر خوشی سے جھوم اٹھا تھا۔‘‘(19)
رسول کریم ﷺ سے حضرت جبرائیلؑ نے پوچھا کہ آج رات آپ کی امت میں کسی نے سفرآخرت اختیار کیا جو آسمان کے لوگ بھی ا س پر خوش ہوئے ۔دوسری روایت میں ہے ’’فرشتے سعدؓ کی سعید روح کو پاکر خوش ہوگئے۔‘‘(20)
حضرت سعدؓ کی اللہ سے ملاقات کی محبت میں عرش جھوم اٹھا ۔رسول اللہ ﷺسعدؓ کی قبر میں اترے تو کچھ دیر اس میں ٹھہرے اورپہلے سبحان اللہ اور پھر الحمد اللہ کہا۔ پوچھنے پر فرمایا کہ’’ سعدؓ پر قبر میں تنگی ہونے لگی تو میں نے اللہ سے دعا کی کہ وہ اس سے یہ حالت دور کردے۔چنانچہ اسے کشادہ کر دیا گیا۔‘‘(21)
ایک شاعر نے اس موقع پر کیا خوب کہا
وَمَا اھْتَزَّ عَرشُ اللّٰہِ مِنْ مَوْتِ ھَالِکٍ
سَمِعْنَابِہٖ اِلاَّ لِسَعْدٍ اَبِی عَمْرٖو
کہ کسی مرنے والے کی موت سے کبھی عرش کے جھوم اٹھنے کا نہیں سنا سوائے سعدؓ ابی عمرو کی وفات کے۔(22)
رسول اللہ ﷺ کے دل پر کافی عرصہ تک اپنے اس وفا شعار ساتھی کا صدمہ تازہ رہا۔ہر اہم کامیابی اور موڑ پر آپ سعدؓ کو یاد کرتے رہے۔ کئی سال بعد شاہ اکیدرومہ نے رسولؐاللہ کی خدمت میں کچھ ریشمی جبے بطور تحفہ بھجوائے ۔رسول اللہ ﷺنے زیب تن فرمائے۔ صحابہ کرامؓ نے بہت تعجب سے ان کو دیکھا اور تعریف کی۔ رسول کریمؐ نے فرمایا کہ’’ تمہیںیہ جبے بہت اچھے لگ رہے ہیں؟ خدا کی قسم جنت میں سعدؓ بن معاذ کے ریشمی رومال اس سے کہیں بہتر ہیں۔‘‘(23)
حضرت سعدؓکی والدہ نے اپنے لخت جگر کی جدائی پر ان کے فضائل گنواتے ہوئے یوں اپنے غم کا بوجھ ہلکا کیا۔
وَیلٌ اُمِّ سَعْدٍ سَعْدًا بَرَاعَۃً وَنَجْدًا
بَعْدَ اَیَادٍ یَالَہٗ وَمَجْدًا مُقْدَّماًً سُدَّ بِہٖ مَسَدًّا
اے ام سعدؓ! سعدؓ کی جدائی پر افسوس! جو ذہانت اورشجاعت کا پیکر تھا۔ جو بہادری اورشرافت کا مجسمہ تھا،اس محسن کی بزرگی کے کیا کہنے جو سب خلاء پر کرنے والا سردارتھا۔
حضرت عمرؓ نے حضرت سعدؓ بن معاذ کی والدہ کو روکنا چاہاکہ یہ کہیں نوحہ کی صورت نہ بن جائے تو نبی کریمؐ نے فرمایا’’اے عمرؓ! ٹھہر جائو۔ہرنوحہ گر جھوٹی ہوتی ہے، جب وہ اپنے مرنے والے کے فضائل مبالغہ سے گنواتی ہے۔ مگر آج سعدؓ کی والدہ نے اس کے بارے میں جو کہا یہ بالکل سچ ہے۔‘‘پھر ام سعدؓ سے فرمایا’’بس اس سے زیادہ کچھ نہ کہنا ۔ خدا کی قسم! جتنا مجھے علم ہے حضرت سعدؓ بہت صاحب بصیرت مدبر انسان اور خدا کے حکموں کو خوب قائم کرنے والا تھا۔‘‘(24)
ایمانی پختگی ،شغف نماز و خوف محاسبہ
حضرت سعدؓ کے ایک مختصر اورعاجزانہ بیان سے ان کے روحانی مقام پر خوب روشنی پڑتی ہے۔ وہ کہا کرتے تھے کہ ’’میں بے شک بہت کمزور ہوں مگر تین باتوں میں بہت پختہ ہوں۔ اول یہ کہ رسول کریمؐ سے جو کچھ میں نے سنا اسے حق یقین کرتاہوں۔ دوسرے میں اپنی کسی نماز میں بھی نماز کے علاوہ کوئی دوسرا خیال آنے نہیں دیتا۔یہاں تک کہ نمازمکمل کرلوں تیسرے کوئی جنازہ حاضر نہیں ہوتا مگر میں اپنے آپ کو اس کی جگہ (مردہ)خیال کرکے سوچتا ہوں کہ اس سے کیا پوچھا جائے گا اور وہ کیا جواب دے گا۔(گویا وہ سوال و جواب مجھے سے ہو رہے ہیں)(25)
حضرت سعدؓ کی اس مختصر جامع روایت سے ان کی عاجزی و انکسار کے ساتھ ان کی ایمانی پختگی ،محبت الٰہی اور رغبت نماز اورمحاسبہ کے خوف کا خوب اندازہ ہوتا ہے یہ سب روحانی ترقی کے اعلیٰ اورقیمتی راز ہیں۔
حضرت عائشہ ؓکا بیان ہے انصار کے تین افراد جو سب بنو عبدالاشہل میں سے تھے رسول ؐاللہ کے بعد کسی کو ان پر فضیلت نہیں دی جاتی تھی اور وہ انصار میں سب سے بزرگ اور افضل سمجھے جاتے تھے اور میں پہلے نمبر پر حضرت سعدؓ بن معاذ پھر حضرت اسیدؓ بن حضیراورحضرت عبادؓ بن بشر تھے۔(26)
حوالہ جات
1-
الاصابہ جز2ص 86
2-
ابن ہشام جلد 3ص 153
3-
اسد الغابہ جلد2ص 296،ابن سعد جلد 3ص 420
4-
ابن سعد جلد 3ص 421
5-
بخاری کتاب المغازی ۔ باب غزوۃ العیرۃ
6-
ابن ہشام جلد3ص 34دارالمعرفتہ بیروت
7-
ابن سعد جلد3ص 421
8-
اصابہ جز2ص 88
9-
بخاری کتاب المغازی باب مرجع النبیؐ من الاحزاب
10-
ابن سعد جلد3ص 422
11-
ابن سعد جلد 3ص 429،اسد الغابہ جلد2ص 297
12-
بخاری کتاب المغازی باب مرجع النبی من لاحزاب و اسد الغابہ جلد2ص 297
13-
بخاری کتاب المغازی
14-
ابن سعد جلد3ص 427
15-
ابن سعد جلد 3ص 431
16-
ابن سعد جلد 3ص430،مجمع الزوائد جلد9ص 308
17-
ابن سعد جلد 3ص433
18-
مجمع الزوائد جلد9ص 308
19-
ابن سعد جلد 3ص434،مستدرک حاکم جلد3ص 206
20-
ابن سعد جلد 3ص423،ابن ہشام جلد3ص 271
21-
ابن ہشام جلد3ص 272،مستدرک جلد3ص 206،مجمع الزوائد جلد3ص 46
22-
ابن ہشام جلد3ص 282
23-
مجمع الزوائد جلد9ص 310
24-
ابن سعد جلد 3ص430
-25
مجمع الزوائد جلد9ص 308
-26
مجمع الزوائد جلد9ص 310

حضرت سعد بن ربیع انصاری ؓ
نام ونسب
حضرت سعدؓ بن ربیع انصاری وہ عاشق رسولؐ صحابی تھے جو مجسم اخلاص و وفا اور فدائیت کا نادر نمونہ تھے۔ آپؓ کا تعلق بنو حارث بن خزرج سے تھا۔ والدہ ہزیلہ بنت عنبسہ تھیں۔بیعت عقبہ اولیٰ کے موقع پر رسول کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہو کر بیعت کرنے کی سعادت عطا ہوئی۔بیعت عقبہ ثانیہ میں بھی شریک تھے ۔آپ انصار کے ان بارہ نقباء (سرداران) میں سے تھے جنہیں آنحضرت ؐنے ان کے مختلف قبائل پر نگران مقرر فرمایا تھا ۔حضرت عبد اللہؓ بن رواحہ بھی اسی قبیلہ بنی حارث کے ایک نقیب اور سردار تھے دوسرے نقیب حضرت سعدؓ مقرر ہوئے ۔ فن کتابت سے بھی واقف تھے (1)
ایثاروقربانی
مدینہ میں مواخات یعنی اسلامی برادری قائم کرنے کا سلسلہ شروع ہوا تو رسول کریم ﷺ نے حضرت سعدؓ کو حضرت عبد الرحمن ؓبن عوف کا بھائی بنایا جو مکہ سے ہجرت کرکے تشریف لائے تھے۔ وہاں انکی اچھی تجارت تھی اور اہل ثروت لوگوں میں شمار ہوتے تھے۔ ہجرت کے وقت سب کچھ لٹا پٹاکر آگئے۔ گھر باربھی چھوڑ ا اور مال و دولت پرگویا لات مار کر رسول خد ا ﷺکے قدموں میں زندگی بسر کرنا بصد شوق قبول کیا۔
حضرت سعد ؓ بن ربیع اپنے اسلامی بھائی حضرت عبد الرحمن ؓ بن عوف کو اپنے گھر لے گئے۔ ان کی خوب مہمان نوازی کی اور اس اسلامی رشتہ اخوت کا اتنا لحاظ کیا جس کی مثال دنیا کی تاریخ میںنہیں ملتی۔ آ پؓ نے حضرت عبدالرحمن بن عوفؓسے کہا’’ آپ کو میرا دینی بھائی بنایا گیا ہے میری خواہش ہے کہ میں اپنا سب مال و جائداد آپ کو نصف نصف تقسیم کرکے دے دوں‘‘ اور اس حد تک ایثار کی پیشکش کی جو بظاہر ناممکن نظر آتی ہے ۔انہوں نے عبد الرحمن ؓ سے کہا کہ میری دو بیویاں ہیں اور ان میںسے جسے آپ چاہیں میں طلاق دے دوں گاتاکہ آپ بعد میںان سے شادی کرسکیںاور یوں ایثار اور قربانی کا انتہائی نمونہ حضرت سعدؓ بن ربیع نے پیش کر دکھایا جو اسلام کی تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہے گا اور سنہری حروف سے لکھا جائے گا ۔
حضرت عبد الرحمن ؓ بن عوف کو بھی اللہ تعالیٰ نے ایک عجیب غنا اور شان بے نیازی عطا فرمائی تھی۔ چنانچہ آپ نے حضرت سعدؓ سے کہا کہ اے میرے بھائی اللہ تعالیٰ آپ کے اہل میں اور مال میں برکت ڈالے مجھے آپ صرف بازار کا رستہ بتا دیجئے۔ میں تاجر آدمی ہوں۔ اپنے ہاتھ کی کمائی سے کھائوں گا۔ چنانچہ وہ بازار گئے اور کچھ مکھن اور پنیر کی خریدوفروخت سے پہلے دن ہی کچھ بچا کرگھر لے آئے۔پھرتوخدا تعالیٰ نے ان کی تجارت میں ایسی برکت ڈالی کہ اللہ تعالیٰ کے فضل کے ساتھ تھوڑے ہی عرصہ مدینے میںہی شادی بھی کرلی ایک روز نبی کریمؐ نے ان کے جسم اور لباس سے کچھ شادی کے آثار دیکھ کرفرمایا ’’اے عبد الرحمن شادی کی ہے تو ولیمہ بھی کرو خواہ ایک بکری ذبح کرکے ہی ہو ۔‘‘(2)
سعدؓ بن ربیع کا جذبہ خلوص و اطاعت
غزوہ احد سے پہلے کا واقعہ ہے حضرت عباسؓ نے کفار مکہ کے تین ہزار مسلح لشکر جرار کی خبر بذریعہ خط رسولؐاللہ کو بھجوائی۔ یہ خط حضور ﷺکو قباء میں ملا اور ابی ؓ بن کعب نے آپؐ کو خط پڑھ کر سنایا حضور ﷺنے اسے یہ خبر مخفی رکھنے کی ہدایت کی۔ پھر آپ مشورہ کیلئے حضرت سعدؓ بن ربیع کے گھر تشریف لے گئے اور پوچھا کہ گھر میں کوئی اور تو نہیں حضر ت سعدؓ نے کہا نہیں آپ بے تکلف اپنی بات کریں ۔پھر حضرت سعدؓ نے بات سن کرتسلی دلائی کہ مجھے امید ہے اللہ تعالیٰ اس کا بہتر نتیجہ پیدا فرمائے گا۔ حضور ﷺنے سعدؓ کو بھی یہ خبر مخفی رکھنے کی ہدایت فرمائی۔ادھر منافقین نے مدینہ میں مکہ کے حملہ کی افواہ پھیلا دی کہ اب مسلمان نہیں بچ سکتے۔ رسول اللہ ﷺ کے جانے کے بعد حضرت سعدؓ کی بیوی نے ان سے رسول اللہ ﷺ کی راز دارانہ گفتگو کے بارہ میں پوچھا تو انہوں نے جھڑک دیا کہ تمہیں اس سے کیا غرض؟وہ کہنے لگیں مجھے پتہ چل چکا ہے اور میں نے حضور کی بات سن لی تھی۔حضرت سعدؓ نے فوراًمدینہ جاکر رسول اللہ ﷺکو اطلاع کی کہ یا رسول اللہ ﷺمیں نے تو عرض کیا تھاکہ آپ ؐ کی بات کوئی سن نہیں رہا مگر مجھے علم نہ تھا کہ میری بیوی نے ہماری بات سن لی ہے مجھے ڈر ہے کہ بات پھیلے توحضور ﷺیہ نہ سمجھیں کہ مجھ سے ارادۃً ایسا ہوا۔رسول کریم ﷺ نے بیوی سے درگزر کرنے کا ارشادفرمایا۔
داستانِ عشق ووفا
حضرت سعد ؓ بن ربیع کے حالات حدیثوں میں بہت ہی کم آئے ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ غزوہ احدمیں شہید ہوگئے اور آنحضرت ﷺ کے ساتھ دو اڑھائی سال کا مختصرعرصہ خدمت انہیں نصیب ہوا لیکن جو ذکر ملتا ہے وہ آ پ کی عظیم الشان قربانیوں اور کمال فدائیت کا ہی تذکرہ ہے ۔احد میں حضرت سعدؓ کی شہادت کا واقعہ اپنی ذات میںرسولؐاللہ سے عشق ووفا کی داستان ہے جس سے یہ اندازہ بھی ہوتا ہے کہ آنحضرت ﷺکو اپنے اس فدائی صحابی سے کتنی محبت تھی۔غزوئہ احد میں ستر کے قریب مسلمان شہید ہوچکے تھے جب جنگ کے بادل چھٹے ۔رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ کوئی ہے جو جاکر سعدؓ بن ربیع انصاری کی خبر لے آئے؟ میں نے اسے دشمنوں کے نرغے میں گھر ا ہوا پایا تھا۔ حضرت ابیؓ بن کعب اور محمدؓ بن مسلمہ نے عرض کیا یا رسو ل اللہ ﷺ ہم حاضر ہیں۔چنانچہ یہ دونوں صحابی گئے اورمیدان احد میں شہدا ء کی بکھری نعشوں کے درمیان ان کوتلاش کرنے لگے مگر سعدؓ بن ربیع کہیں نظر نہ آئے۔انہیں خیال آیا کہ حضرت سعدؓ بن ربیع عاشق رسولؐ تھے۔ انہیں رسول اللہ ﷺ کا واسطہ دیکر تلاش کرناچاہیے ۔ تب انہوں نے میدان احد میں یہ آواز بلند کی کہ اے سعدؓ بن ربیع! خدا کا رسول تمہیں یاد کرتا ہے ۔اچانک کیا دیکھتے ہیںکہ ایک جگہ کسی زخمی میں کچھ حرکت پیدا ہوئی ۔ وہاں پہنچے تو دیکھا کہ سعدؓ بن ربیع تھے۔حضرت ابیؓ نے کہاکہ آنحضور ﷺنے ہمیں آپ کے پاس بھیجا ہے حضوؐر آپ کو سلام کہتے اور آپ کا حال پوچھتے تھے ۔حضر ت سعد بن ربیعؓ نے بھی جواب میں کیا ہی پیا را پیغام دیا کہا حضوؐر کی خدمت میں جاکر میرا بھی سلام کہنااور عرض کرنا کہ مجھے تیروں اور نیزوں کے بارہ شدید زخم پہنچے ہیں، جن سے بظاہر بچنا اب ممکن نظر نہیں آتا۔ حضرت سعدؓ بن ربیع کو احساس تھا کہ یہ انکے آخری لمحات ہیں۔جان کنی کے اس عالم میںجب وہ آخری الوداعی پیغام دینے لگے اس وقت انہیں اپنی بیوہ یا یتیم بچے یاد نہیں آئے اگر کوئی چیز یاد آئی تو وہ تھاخدا کا رسولؐ اور اس کی محبت ۔چنانچہ انہوں نے یہ پیغام دیا کہ’’ رسول کریم ﷺکی خدمت میں میراسلام عرض کرنا اور کہنا کہ یارسولؐ اللہ جتنے خدا کے فرستادہ نبی پہلے گذرے ہیں۔ ان کی آنکھیں اپنی قوم سے جتنی ٹھنڈی ہوئیں ان سے بڑھ کر اللہ آپ کی آنکھیں ہم سے ٹھنڈی کرے ۔اور میری قوم کو بھی میرا سلام پہنچا کر کہنا ،جب تک خدا کا رسول ﷺتمھارے اند رموجود ہے اس امانت کی حفاظت کرناتم پر فرض ہے ۔ یاد رکھو جب تک ایک شخص بھی تمھارے اندر زندہ موجود ہے اگر تم نے اس امانت کی حفاظت میں کوئی کوتاہی کی تو قیامت کے دن تمھارا کوئی عذر خدا تعالیٰ کے حضور قابل قبول نہیں ہوگا‘‘ یہ پیغام دے کر حضرت سعدؓ اپنے مولیٰ کو پیارے ہوگئے ۔
حضرت ابی ؓ بیان کرتے ہیں کہ میں سعدؓ کے آخری لمحات میں ان کے پاس موجود رہا اور وفات کے بعد سعدؓ بن ربیع کا یہ مقد س پیغام وفا آنحضرت ﷺ کی خدمت میں پہنچا یا۔ آنحضرتؐ ؐاپنے عاشق اور اپنے فدائی صحابی کا پیغام سن کر فرمانے لگے ’’اللہ رحمتیں کرے سعدؓ بن ربیع پر کہ جب تک وہ زندہ رہا اس نے اللہ اور رسول کی خیر خواہی کی اور مرتے دم بھی اس نے اللہ اور اس کے رسول کی خیر خواہی کو چھوڑانہیں ۔‘‘(3)
یتیم بچیوں کی وراثت
حضرت سعدؓ بن ربیع کی شہادت کے ساتھ اسلامی احکام وراثت بھی تاریخ کا ایک اہم واقعہ ہے۔ حضرت جابر ؓ بن عبد اللہ بیان کرتے ہیں کہ حضرت سعدؓ بن ربیع کی وفات کے وقت ان کی دو بیٹیاں موجو د تھیں۔ حضرت سعد ؓ بن ربیع کے بھائی نے عرب رواج کے مطابق ان کی جائیداد سنبھال لی۔ حضرت سعدؓکی بیوہ نے حضور ؐ کی خدمت میں حاضر ہوکر عرض کیا کہ یار سول اللہ ﷺ سعدؓ تو اللہ کو پیارے ہوگئے ان کی اولاد موجود ہے اور سعد ؓ کا ترکہ سوائے اس جائیداد کے کوئی نہیں۔ آئندہ بچیوں کے شادی بیاہ کے مسائل بھی ہونگے۔ لوگ بچیوں کا مال وغیرہ بھی دیکھا کرتے ہیں ۔ عربوں کے دستور کے مطابق بچیوں کے چچا نے جائیداد سنبھال لی ہے۔ اس وقت تک وراثت کے کوئی احکامنہیں اترے تھے۔آنحضرتؐ خاموش رہے اور پھرجب آیت میراث اتر ی تو نبی کریم ؐ نے ایک روایت کے مطابق یہ ہدایت فرمائی کہ دو تہائی حصہ سعدؓ کی دو بیٹیوں کو دیا جائے اورآٹھواںحصہ ان کی ماں کو اور جو بچ جائے وہ ان کے چچا کو دینے کیلئے ارشاد فرمایا۔(4 )
دوسری روایت اما م احمد کی ہے جس میں میرا ث کی تقسیم کا ذکر تو موجود ہے لیکن یہ تفصیل موجود نہیں کہ اس میں چچا کو بھی حصہ دیا گیا تھا وہ روایت بھی حضرت جابر ؓ بن عبداللہ کی ہے جو بیان کرتے ہیں کہ وہ جائیدا د جو’ اسواق‘ کے نام سے مشہور تھی۔ آنحضرت ﷺنے بنی حارث بن خزرج کے محلہ میں خود تشریف لے جاکر حضرت سعدؓ بن ربیع کی بیٹیوں میں تقسیم کی ۔اس موقع پر وہاں آنحضور ؐ کیلئے گوشت اور روٹی کا کھانا پیش کیا گیا جو آپ نے اپنے اصحاب کیساتھ بیٹھ کر کھایا اور ظہر کی نماز ادا کی۔ پھر تقسیم جائیدادکے کام میںمصرو ف ہوگئے اور عصر کی نماز بھی وہیں پڑھائی ۔یہ پہلی جائیدا د تھی جواسلامی احکام وراثت کے مطابق عورتوں میں تقسیم ہوئی ۔اور خود آنحضور ؐ نے اس کی تقسیم فرمائی ۔(5)
مقام ومرتبہ
حضرت سعد ؓ بن ربیع کی غیرمعمولی قربانیوں فدائیت اور ایثار کے وجہ سے صحابہ کے نزدیک ان کا جو مقام تھا اس کا اندازہ اس واقعہ سے خوب ہوتا ہے حضرت سعدؓ بن ربیع کی صاحبزادی ام سید تھیں اور ان کی چچا زاد بہن حضرت حبیبہؓ حضرت ابو بکرؓکی اہلیہ تھیں وہ بیان کرتی ہیں کہ میں حضرت ابو بکر ؓ کے گھرمیں ایک دفعہ ملاقات کیلئے حاضر ہوئی ۔ حضرت ابوبکر ؓ نے اپنا کپڑا جو اوپر لیا ہوا تھا وہ انکے بیٹھنے کیلئے نیچے بچھا دیااور حضرت ام سید اس پر بیٹھیں۔ اتنے میں حضرت عمر ؓ تشریف لائے اور انہوں نے پوچھا کہ یہ کس کی بیٹی ہیں۔ حضرت ابوبکر ؓ نے فرمایا کہ اے عمرؓ! یہ اس کی بیٹی ہے جو مجھ سے بھی بہتر تھا اور تم سے بھی ۔ حضرت عمر ؓ نے عرض کیا کہ اے خدا کے رسول کے خلیفہ !وہ کون شخص تھا جو آپ سے بھی اور مجھ سے بھی بہتر تھا۔حضرت ابو بکر ؓ نے فرمایا کہ وہ سعد بن ربیع ؓتھے جو آنحضرت ﷺ کے زمانے میں شہید ہوئے اور اس کے نتیجے میں جنت میں اپنا ٹھکانا بنالیا اور میں اور تم دونوں پیچھے رہ گئے ۔اور وہ ان شہادتوں کے اجر حضور ﷺ کے زمانے میں ہی پاکر جنتیوں کے وارث گئے۔دوسری روایت میں ہے کہ’’ بہترین وہ تھاجو عقبہ میں شریک ہوا۔بدر میں شرکت کی سعادت پائی اوراحد میں شہید ہوا یہ اس کی بیٹی ہے۔‘‘(6)
حضرت سعدؓ اور حضرت خارجہؓ بن زیددونوں چچا زاد بھائی تھے۔ احد کے میدان میں شہادت کے بعد شہدا ء کو ایک ایک قبر میں دو دو تین تین کرکے دفن کیا گیا اور حضرت خارجہ بن زید ؓ اور حضرت سعد بن ربیعؓ اکٹھے دفن ہوئے۔
حضرت سعد ؓبن ربیع کا وہ پیغام جو احد کے میدان سے انہوںنے دیا تھا۔ وہ ایک عاشق رسولؐ کا پیغام ہے ہر عاشق رسول ﷺ کویہ تحریک کرتا ہے کہ آج ہم بھی خدا کے مامور اور اس کے خلیفہ کیلئے عشق ومحبت کے ایسے نمونے زندہ کرنے والے ہوں۔یہ پیغام ہمیں یاد کراتا ہے کہ ہم نے خلافت کی اس امانت کی حفاظت کرنی ہے جو آج ہمارے سپرد ہے۔ اگر ہم نے اس میں کوئی کوتاہی کی تو پھر ہمارا کوئی جواب خدا تعالیٰ کے حضور سنا نہ جائے گا اور کوئی عذ ر قبول نہیں ہوگااللہ تعالیٰ ہمیں اپنی سب امانتوں کی حفاظت کی توفیق عطا فرمائے اور ان بزرگوں پر بھی رحم کرے اور انکی روحوں کو ٹھنڈک پہنچائے جو ایسے پیار ے اور خوبصورت نمونے اور پیغام ہمارے لئے چھوڑ کر گئے ۔
؎ خد ا رحمت کنند این عاشقاں پاک طینت را
حوالہ جات
1-
ابن سعد جلد 3صفحہ523،اسد الغابہ جلد 2صفحہ 371
2-
بخاری کتاب النکاح باب الو لیمۃ ولو بشاۃ،واقدی جلد1ص203
3-
مؤطا کتاب الجہاد، ابن سعد جلد 3صفحہ 524،اسد الغابہ جلد 3صفحہ 377
4-
ترمذی کتاب الفرائض باب ماجاء فی میراث البنا ت
5-
مسند احمد بن حنبل جلد 3صفحہ 385
6-
اصابہ جلد 3صفحہ 77،منتخب کنز العمال برحاشیہ مسند احمد جلد5ص190

حضرت اسیدبن حضیر انصاریؓ
نام و نسب
حضرت اسیدؓ بن حضیر بن سماک کا تعلق اوس کی شاخ بنو عبدالاشہل سے تھا ۔آپ کے والد حضیر اور والدہ دونوں ہی قبیلہ اوس کی اسی شاخ سے تعلق رکھتے تھے۔والد حضیر ’’کتائب‘‘ کے لقب سے مشہور تھے قبیلہ اوس کے مشہور شہ سوار اور رئیس تھے ۔اوس اور خزرج میںجو جنگیں آنحضرت ﷺکے مدینہ تشریف آوری سے پہلے ہوئیں ان میں اوس قبیلہ کی قیادت اسید کے والد حُضَیرنے کی اور اس جنگ میں فتح پائی تھی ۔ان کا مشہور قلعہ واقم تھا جہاں یہ قلعہ بند ہوئے ۔ اسی جنگ بعاث میں حُضَیر مارے گئے تھے ۔
اپنے والد کے بعد اسید بن حضیر قبیلہ کے سرداروں میں سے تھے ۔نہایت ذہین صاحب عقل اور صائب الرائے انسان تھے اور شرفاء میں آپ کا شمار ہوتاتھا ۔آپ لکھنا پڑھنا بھی جانتے تھے ۔تیر اندازی اور تیراکی کے ماہر تھے اور اس زمانے میں یہ تمام خوبیاں جس شخص کے اندر جمع ہوا کرتی تھیں اسے’’ کامل‘‘ یعنی ہر فن مولیٰ کا خطاب دیا جاتا تھا اور یہ خطاب اپنے باپ کی طرح حضر ت اسید نے بھی ورثہ میں پایا ۔(1)
قبول اسلام
حضرت اُسیدؓ کو مدینہ کے پہلے مبلغ اسلام حضرت مصعب بن عمیرؓکے ذریعہ قبول اسلام کی سعادت عطا ہوئی ۔حضرت مصعبؓ جب مدینہ تشریف لائے اور حضرت اسعدؓ بن زرارہ کے گھرمیں قیام فرما کر مدینہ کے مختلف محلوں میں دینی تعلیم کا سلسلہ شروع کیا ۔ حضرت سعدؓ بن معاذ جو قبیلہ اوس کے سرداروں میں سے تھے انہوں نے اپنے چچا زاد بھائی حضرت اسید ؓسے کہا کہ آپ جاکر حضرت مصعبؓ کو اس با ت سے روکیں کہ وہ ہمارے لوگوں کو بے وقوف نہ بنائے اور اگر اسعد ؓبن زرارہ درمیان میںنہ ہوتے تو میں خود جاکر ان کو منع کرتا۔ چنانچہ اسید ؓ اپنا نیزہ لے کر کھڑے ہوئے اور اس مجلس میں چلے گئے جہاں حضرت مصعب ؓبن عمیر لوگوں کو دین کی تعلیم دے رہے تھے۔ اسیدؓ نے بڑی سختی سے انہیں تبلیغ سے منع کیااور کہا تم ہمارے لوگوں کو بے وقوف بناناچھوڑ دو ،اپنے گھر میں بیٹھے رہو ۔جو تمھا رے پاس آئے اسے بے شک یہ تعلیم دو لیکن ہمارے محلہ میں گھر گھر یہ پیغام پہنچانے کی ضرورت نہیں ۔حضرت مصعبؓ کو حضرت اسعدؓ بن زرارہ نے بتا دیا تھا کہ یہ شخص قبیلہ کاسردار ہے۔ اگر آپ نے اسے زیر کر لیا تو سمجھو کہ یہ قبیلہ اسلام کی گود میںہے۔چنانچہ حضرت مصعبؓ نے نہایت محبت پیار اور نرمی سے انہیں اسلام کا پیغام پہنچایا۔ کہنے لگے دیکھو آپ ایک بزرگ سردار ہو۔ ہماری بات سن کے تو دیکھو اگر بھلی لگے تو قبول کرنا ورنہ رد کر دینا ۔ حضرت اُسیدؓ واقعتا بڑے زیرک انسان بڑے لائق اور صائب الرائے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بات تو تمھاری درست ہے اور پھر ان کی باتیں سننے کیلئے بیٹھ گئے۔ انہیں قرآن شریف سنایا اور اسلام کا پیغام پہنچایا وہ سن کر کہنے لگے یہ تو بہت ہی حسین پیغام ہے۔ مجھے بتائو کہ مسلمان ہونے کی کیا شرائط ہیں ۔حضرت مصعبؓ بن عمیر نے بتایا کہ آپ کلمہ توحید ورسالت پڑھ کر اسلام میں داخل ہوجائوگے پھر اسلام کی تعلیم کے مطابق نماز اور عبادت بجالانی ہوگی تو کہنے لگے کہ یہ باتیں اپنی جگہ مگر میرا ایک بھائی اور بہت پیارادوست قبیلہ کا سردار سعد ؓبن معاذ ہے۔ اسے کسی طرح اسلام میںداخل کرو پھر یہ سارا قبیلہ اسلام میںداخل ہوجائے گا ۔چنانچہ حضرت اُسَیدؓ کمال حکمت عملی کے ساتھ سعدؓ بن معاذ حضرت مصعب ؓکے پاس لے کر آئے اور حضرت مصعبؓنے کمال دانش مندی اورحکمت سے محبت بھر ے انداز میں ان تک اسلام کا پیغام پہنچایا اور حضرت سعدؓ نے اسلام قبول کرلیا اور یوں حضرت اسیدؓ کے توسط سے نہ صرف اکیلے سعدؓ اسلام میںداخل ہوئے بلکہ انکے مسلمان ہونے کے بعد شام تک ان کا تمام قبیلہ اسلام میںداخل ہوگیا ۔( 2)
حضرت اسیدؓ عقبہ ثانیہ میںشریک ہوئے۔ نبی کریم ﷺ نے انصار میں جو بارہ سردار یا نقیب مقر ر فرمائے تھے ان میں سے ایک حضرت اسیدؓ بھی تھے جنہیں آپ ؐ نے بنی عبدا لاشہل کا سردار مقرر فرمایا تھا۔ مدینہ میں بعد میں جو مواخات کا سلسلہ ہواتو اس میں آنحضرت ؐ نے حضرت اسید ؓبن حضیر کابھائی حضرت زید ؓبن حارثہ کو بنایا۔ اس سے بھی آنحضرت ؐ کے ان کے ساتھ تعلق محبت کا اندازہ ہوتا ہے کہ وہ زیدؓ جو آنحضرت ﷺ کے منہ بولے بیٹے تھے اور جن سے حضور نہایت پیار اور محبت کا تعلق رکھتے تھے۔ حضرت اسید ؓ کی خوبیوں کو پہچانتے ہوئے زیدؓکے ساتھ حضور ؐ نے یہ مؤاخات قائم فرمائی ۔(3)
غزوات میں شرکت
حضرت اُسید ؓ بد ر میں شریک نہیں ہوسکے تھے اور جب آنحضرت ﷺغزوہ بد ر سے واپس تشریف لائے ہیں تو حضرت اسید ؓ نے آنحضور ﷺکی خدمت میں حاضر ہوکر عرض کیا کہ اے اللہ کے رسول اللہ ﷺ اللہ تعالیٰ نے آپ کو کفار پر فتح عطافرمائی اورآپ ؐکی آنکھیں ٹھنڈی کیں ۔ میں اس غزوہ سے اس وجہ سے پیچھے رہ گیا میرا خیال تھا کہ اس میں صرف دشمن کے قافلہ سے مڈ بھیڑ ہوگی۔ اگر مجھے پتہ ہوتا کہ دشمن کے ساتھ مقابلہ ہے تو خداکی قسم میں لازماً آپ ؐ کے ساتھ بدر کے میدان میں نکلتا اور ہرگز پیچھے نہ رہتا ۔رسول کریم ؐ حضرت اسید ؓ کے اخلاص سے خوب واقف تھے فرمانے لگے تم نے بالکل سچ کہا ہے ۔پھر بعد کے غزوات میں حضرت اسید ؓ نے جہاد کاخوب حق ادا کیا ۔وہ احد میں آنحضور ﷺکے شانہ بشانہ شریک ہوئے۔ جب دوسری دفعہ حملہ ہوا جس میںبعض لوگوں کوپیچھے بھی ہٹنا پڑا۔ اس وقت بھی اسیدؓ ثابت قدم رہے احد کے میدان میں ان کوسات زخم آئے ۔ اسی طرح غزوئہ خندق میں بھی آنحضرت ﷺکے ساتھ شریک ہوئے بلکہ دوسوسپاہیوں کے ساتھ خندق کا پہرہ دینے کی سعاد ت بھی آپ کو ملتی رہی۔
خندق کے موقع پر ایک سخت امتحان کا وقت آیاجب غطفانی قبیلہ کی طرف سے حملہ کا خطرہ پیدا ہوا۔ آنحضرت ﷺ نے مشورہ کیلئے انصار کے بعض سرداروں کو بلایا ۔ان تمام مشوروں میں حضرت سعدؓ بن معاذ کے ساتھ حضرت اسیدؓ بن حضیربھی شریک تھے ۔ انہوں نے ہی ان غطفانیوں کایہ مطالبہ رد کرنے کامشورہ دیا کہ مدینہ کی آدھی پیداوار ہمیں دے دو تو ہم تمھارا ساتھ دیں گے بڑے عزم اور استقلال کے ساتھ وہ اس ابتلاء میں آنحضرت ؐ کے ساتھ ثابت قدم رہے تھے ۔دو عرب سردار عامر بن طفیل اور زید جب مدینہ آئے اور مدینہ کی کھجور کے حصہ کا مطالبہ کیا تو اسیدؓ بن حضیر اپنا نیزہ ان کے سر میں ٹھوکنے لگے اور کہا اے لومڑو! یہاں سے چلے جائو۔ عامر نے کہا تم کون ہو؟کہا اسیدؓ بن حضیر۔وہ بولا حضیر کتائب؟ کہا ۔ہاں۔ وہ بولا تمہارا باپ تم سے بہتر تھا ۔حضرت اسیدؓ نے کہا میں تم اور اپنے باپ سے بہتر ہوں۔ کیونکہ میرا باپ حالت کفرمیں مر گیا۔(4)
حضرت اسیدؓ کو اہل بیت کے ساتھ بہت عقید ت اور محبت کا تعلق تھا ۔غزوہ بنومصطلق کے موقع پر جب حضور ؐ واپس مدینہ تشریف لارہے تھے ۔ حضرت عائشہ ؓ کا ہار گم ہوگیا۔ مسلمانو ں کے پاس پانی نہیں تھا اور کوئی چشمہ بھی پاس نہ تھا نماز کا وقت ہوگیا ،وضو کیلئے پانی میسر نہ تھا لوگ سخت حیران و پریشان تھے حضرت ابو بکر ؐ حضرت عائشہ ؓ کو ڈانٹنے لگے کہ یہ کیا سلسلہ ہے آپ کے ہار ہی گم ہوتے رہتے ہیںاس کی وجہ سے مسلمان تکلیف میں ہیں۔ نماز پڑھنی ہے اور وضو کیلئے پانی میسر نہیں ۔چنانچہ اس موقعہ پر تیمم کی آیات اتریں کہ اگر پانی نہ ملے تو پاک مٹی کا قصد کرکے اس پر ہاتھ پھیر کر نماز ادا کرلی جائے یہ وضوء کا قائمقام ہے ۔یہ ایک بہت بڑی سہولت اوررخصت تھی۔اس موقع پر حضرت اسید بن حضیر ؓ نے نہایت خوبصورت تبصرہ حضرت عائشہ ؓکے بارے میں کیا جس سے ان کی اہل بیت سے عقیدت اور محبت خوب چھلکتی ہے انہوں نے کہا مَاھِیَ بَاوّل بَرَکَتِکُم یَا آلَ اَبِی بَکرٍ اے آل ابو بکرؓ تمھاری پہلی برکت تو نہیں۔ پہلے بھی ہم نے آپ کے ذریعہ بہت برکات پائی ہیں۔یوں آنحضرت ؐ کے ساتھ محبت اور عقیدت کے باعث حضرت اسید بن حضیر ؓکا آل ابی بکرؓ حضرت عائشہؓ اور اہل بیت سے بھی ایک عقیدت کا تعلق تھا۔
صلح حدیبیہ کے بعد ابو سفیان نے ایک شخص کو آنحضرت ﷺکے قتل کیلئے روانہ کیا۔ وہ مدینہ آکر حضور ﷺ کی مجلس تک پہنچنے میں کامیاب ہوگیا ۔خنجر اس نے چھپا رکھاتھا حضرت اسید ؓ نے کمال دانشمندی سے اس شخص کی حرکات کو پہچان لیا اور آنحضرت ﷺ نے بھی نشاندہی فرمادی کہ یہ شخص حملے کے ارادے سے آیا ہے ۔چنانچہ حضر ت اسیدؓ بن حضیر مستعد ہو کر بیٹھ گئے جونہی وہ شخص آگے بڑھا اسیدؓ نے اس کی لنگی (تہ بند ) کو کھینچا اور اس کے اندر سے خنجر برآمد ہو ا۔وہ ڈر اکہ اب یہ مجھے پکڑیں گے، اس نے حملے کی کوشش کی ۔ حضرت اسید بن حضیر ؓ نے اسے دبوچ لیا۔ یہ حضرت اسیدؓ کی زیر کی اور بہادری تھی کہ وہ حملہ آور ناکام ہوگیا۔الغرض حضرت اسیدؓ کا شمار رسول کریم ﷺ کے عالی مرتبت صحابہ میں ہوتا تھا ان کی انہیں خوبیوں کی وجہ سے آپ ؐ فرمایا کرتے تھے نِعمَ الرَّجُلُ اُسَیْدکہ اسید بن حضیرکتنا اچھا آدمی ہے۔
اہل بیت سے انکے تعلق اور عقیدت کا ایک واقعہ حضرت عائشہ ؓ اس طرح بیان فرماتی ہیں کہ حضرت اسیدؓ آنحضرت ﷺکے ساتھ کسی مہم پر تھے کہ بعد میں حضرت اسید بن حضیر ؓ کی اہلیہ کا انتقا ل ہوگیا ۔ واپسی پر جب ہم مدینے کے قریب ذوالحلیفہ مقام پر پہنچے تو مدینہ سے آنے والے بعض بچوں نے حضرت اسید ؓکو یہ اطلاع دی کہ آپ کی اہلیہ وفات پاگئی ہیں بلاشبہ یہ ایک اچانک اور ناگہانی صدمہ تھا۔ حضرت اسید ؓ کپڑے سے چہر ہ ڈھانپ کررونے لگے ۔ حضرت عائشہؓ بیان کرتی ہیں میں نے انہیں ڈھارس بندھائی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ آ پ کو معاف کرے، آپ تو آنحضرتؐ کے بزرگ صحابہ اور اولین بیعت کرنیوالوں میںسے ہیں ۔ایک عورت کی وفات پر آپ اس طرح رو رہے ہیں ۔اس پر انہوں نے فوراً اپنے چہرے سے کپڑا ہٹالیا اورکہنے لگے میری عمر کی قسم یقیناآپ نے سچی بات کہی ہے ۔ہمار ا بھائی سعد ؓبن معاذ عظیم سردار تھا اس کی وفات پر رسول کریم ﷺ نے فرمایا تھا کہ آج سعد ؓ کی وفات پر عرش جھوم اٹھا ہے اس کی وفات کے بعد واقعۃً کسی اور کی موت پر رونا بالکل بے سود ہے ۔ حضرت عائشہ ؓ کا بیان ہے کہ آنحضرت ﷺاس وقت ہمارے ساتھ اس سفر میںواپس تشریف لارہے تھے اور یہ ساری باتیں سن رہے تھے اور حضرت اسید ؓ حضوؐرکے ساتھ ساتھ چل رہے تھے ۔(5)
روحانی مقام
حضرت عائشہ ؓ فرماتی تھیں کہ حضرت اسید ؓ کہا کرتے تھے کہ میری تین حالتیں ایسی ہیں کہ ان میں سے کوئی ایک حالت بھی مجھ پر طاری رہے تو میںلازماً اپنے آپکو اہل جنت میں سے شمار کروں اور اسمیں مجھے ذرہ برابر بھی شک نہ ہو۔پہلی یہ کہ جب میں قرآن شریف کی تلاوت کروںیا کوئی اور تلاوت کرے اور میں سن رہا ہوں تو اس وقت مجھ پرخشیّت کی جو حالت طاری ہوتی ہے اگر وہ ہمیشہ رہے تو میں اپنے آپ کو جنتیوں میں سے شمار کروں ۔ دوسرے جب نبی کریم ﷺخطبہ ارشاد فرماتے ہیں اور میں انتہائی توجہ سے حضور ﷺکا وہ وعظ سنتاہوں تو اس وقت میری جو حالت ہوتی ہے اگر وہ دائم ہوجائے تومیں لازماً جنتیوں میں سے ہوجائوں ۔ تیسرے جب میں کسی جنازے میں شامل ہوں تو میری یہ حالت ہوتی ہے کہ گویا یہ جنازہ میرا ہے اورابھی مجھ سے پر سش ہورہی ہے اگر یہ کیفیت بھی ہر دم رہے تو لازماً میں اپنے آپ کو جنتیوں میں سے شمار کروں ۔(6)
اس بیان سے حضرت اسیدؓکی خدا خوفی اور خشیّت الہٰی کااندازہ ہوتا ہے ۔یہ اور بات ہے کہ رسولؐاللہ کے ارشاد کی روشنی میں ہمیشہ یہ کیفیتیں طاری رہ ہی نہیں سکتیں ورنہ انسان فرشتے ہی ہوجائیں مگر یہ کیفیتیں جس شخص کے اندر پائی جاتی ہوں اس کے مقام کا اندازہ اس روایت سے خوب ہوتا ہے۔ یہاں حضرت اسید ؓ کے کمال انکسار کا اظہار بھی ہے کہ اپنی تمام خوبیوں کے باوجود کہتے ہیں کہ اگر یہ حالتیں مستقل ہوتیں تو پھر میں اپنے آپ کواہل جنت میں سے شمار کرتا۔حالانکہ ایسی اعلیٰ عارضی روحانی کیفیت والے شخص کے جنتی ہونے میںبھی کیا شبہ با قی رہ جاتا ہے ۔ حضرت اسیدؓ کی ایک اور خصوصیت عبادت اور نماز سے گہری محبت ہے ۔آپ اپنے محلے کی مسجد کے امام تھے۔ بیماری میں بھی نماز چھوڑنا آپ کیلئے دو بھر ہوتاتھا۔ بعض دفعہ ایسی بیماری بھی ہوئی کہ کھڑے ہوکر نماز پڑھنا مشکل تھا مگر پھر بھی نماز کیلئے مسجد حاضر ہوتے تھے اور نماز باجماعت کا ثواب نہ چھوڑتے تھے ۔
کشفی نظارے
حضرت ابو سعید خدری ؓ بیان کرتے تھے کہ اسید بن حضیر ؓ ہم میںسب سے زیادہ خوش الحانی سے قرآن شریف کی تلاوت کرنے والے تھے۔
حضرت اسید ؓ صاحب کشف انسان بھی تھے۔ ایک دفعہ انہوں نے اپنا یہ واقعہ بنی کریم ؐ کو سنایا کہ میں تہجد کی نماز میں سورۃ بقرۃ کی تلاوت کر رہا تھا۔قریب ہی ہمار ا گھوڑا بندھا تھاپاس ہی میرا بیٹا یحیٰ سویا ہوا تھا ۔جب میں قرآ ن شریف کی تلاوت کرنے لگا تو اچانک میرا گھوڑا بدکنے لگا میں خاموش ہو ا تو گھوڑا بھی رک گیا ۔پھر جب میں بلند آواز سے تلاوت کرتا تو وہ بد کنے لگتا۔ میں نے غور کیا تو پتہ چلا کہ گھوڑا کوئی چیز آسمان پر دیکھ کر بدکتا ہے ۔میں اس ڈر سے کہ گھوڑے کے بدکنے سے اس کی لات میرے پاس سوئے بیٹے کو نہ لگ جائے ،تلاوت کرنے سے رک جاتا تھا ۔آنحضرتؐ فرمانے لگے کہ اے اسیدؓ بن حضیر تجھے تلاوت جاری رکھنی چاہیے تھی انہوں نے عرض کیا یارسولؐ اللہ میں نے تلاوت جاری رکھی۔کیا دیکھتا ہوں کہ سامنے ایک سائبان ہے اور ا س میں روشنیاں اور قمقمے ہیں مگر مجبوراً مجھے تلاوت اسلئے روکنی پڑی کہ گھوڑے کے بدکنے کی وجہ سے کہیں میرے بچے کو کوئی تکلیف نہ پہنچے۔ رسول کریم ؐنے فرما یا کہ’’ اے اسید بن حضیر ؓ یہ تو فرشتے تھے جو خوش الحانی سے تمہاری تلاوت قرآن سن کر قریب آگئے تھے اور انہوں نے چراغوں اور قمقوں کا روپ دھار لیا تھا اگر تم قرآن شریف کی تلاوت کرتے رہتے تو خواہ دن چڑھ جاتا ایک دنیا یہ نظار ہ کرتی کہ تم تلاوت کررہے ہو اور آسمان سے ایک نور کا نزول ہورہا ہے اور قمقمے جگمگ کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔‘‘ان نورانی کیفیات کا ایک عجیب گہر ا تعلق حضرت اسید بن حضیر ؓ کی زندگی کے ساتھ وابستہ نظر آتا ہے۔(7 )جس کا ذکر سورۃ انفال کی آیت 30میں بھی ہے کہ ’’اے مومنو!اگر تم تقویٰ اختیار کرو تو اللہ تعالیٰ تمہارے لئے ایسا امتیاز ی نشان پیدا کردے گااور ایسا نور عطا کرے گا جس کی روشنی میں تم چلوگے ۔‘‘
حضرت اسید ؓ انصار کے سرداروں میں سے تھے بعض دفعہ آنحضرت ﷺکی خدمت میں حاضر ہوکر رات گئے تک آپ سے مشورے کرتے تھے ۔ایک ایسی ہی تاریک رات کا واقعہ حضرت انس ؓ بیان کرتے ہیں کہ حضرت اسیدؓ بن حضیر اور انکے ساتھ ایک اور صحابی حضرت عبادؓ بن بشر آنحضرت ؐ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور حضور ؐ کے پاس دیر تک مشورے کرتے رہے ۔جب یہ لوگ گھروں کو واپس لوٹنے لگے تو بہت تاریکی تھی دونوں صحابہ کے ہاتھ میں اپنی اپنی لاٹھی تھی ۔وہ بیان کرتے تھے کہ ہم نے یہ عجیب نظارہ دیکھا کہ ایک روشنی ہماری لاٹھیوں سے نکل رہی ہے ۔جس میں راستہ دیکھ کر ہم اپنے گھروں میں پہنچے تب وہ روشنی ہم سے جد ا ہوگئی۔رسول کریم ﷺحضرت اسیدؓ بن حضیر کے ان فضائل روحانی کے باعث انہیںدوسروں پرفضیلت دیتے تھے ۔(8)
خلفائے راشدین کی اطاعت
حضرت ابوبکر ؓ آپکا بہت احترام کرتے تھے اور آپ پر کسی دوسرے کو ترجیح نہیں دیتے تھے۔ جب حضرت اسید بن حضیرؓ کوئی رائے پیش کرتے تو حضرت ابو بکر صدیقؓ فرماتے کہ اب اس سے اختلاف مناسب نہیں۔ اسید بن حضیر ؓ کی رائے آگئی ہے ۔ (9) حضرت عمر ؓ آپ کا بہت احترام کرتے اور دیگر انصار پر ان کو ترجیح دیتے تھے۔حضرت ابوبکر ؓ کی بیعت خلافت کے موقع پر بھی حضرت اسید ؓ نے غیرمعمولی اطاعت کا نمونہ دکھایا جب صحابہ سقیفہ بنو ساعدہ جمع ہوئے اور خزرج کے سردار سعد بن عبادہؓ نے اپنی امارت کی بات کی تو اسیدؓ بن حضیر جو اوس قبیلے کے سردار تھے اپنے قبیلے کو اکٹھا کرکے کہا کہ دیکھو خزرج والے سعد بن عبادؓہ کو امیر بناتے ہیں تو بناتے رہیں ہم سب بہر حال حضرت ابوبکر ؓ کی بیعت کریں گے ۔ اوس قبیلہ نے آپ کی آواز پر لبیک کہا اور یوں حضرت ابو بکر ؓ کی بیعت خلافت پر امت میں وحدت قائم کرنے کی توفیق پائی اور اوس قبیلہ کی ہدایت کا موجب بنے ۔(10)
آپ کی وفات حضرت عمر ؓکے زمانہ خلافت میں 20؁ ہجری میں ہوئی۔حضرت عمر ؓ سے خاص تعلق محبت کی وجہ سے آپ نے یہ وصیت کی کہ میرے بعد کے وراثت کے امور حضرت عمر ؓ ہی طے فرمائیں۔(11)
حضرت عمر ؓ نے بھی خو ب یہ تعلق نبھایا خود جاکر ان کا جنازہ ان کے محلہ بنو عبدلاشہل سے اٹھایا۔ جناز ے کو کندھا دیا خود جنازہ پڑھایا اور جنت البقیع میں تدفین کروائی ۔حالات دریافت کرنے پر پتہ چلا کہ چار ہزار درہم ان پر قرض ہے ایک ہزار درہم سالانہ آمد ہوتی ہے ۔عا م حالات میں ان کی زمین بیچ کر قرض ادا ہوتا مگر حضرت عمر ؓ نے فرمایا کہ میں اپنے بھائی کی جائیداد ضائع نہیں کرناچاہتا چنانچہ آپ نے قرض خواہوں کوپیغام بھیجا کہ اگر میری مانوتو مہلت دے کر ایک ہزار سالانہ قرض کی قسط لینے کیلئے تیار ہو جائو۔ (12 )
حضرت عائشہ ؓ فرماتی تھی کہ انصار میں سے تین صحابہ ایسے تھے کہ ان جیسے صاحب فضیلت کسی اور صحابی کا ذکر انصارکے اوس قبیلے میں نہیں ملتا اور ان سب کا اوس قبیلے کی شاخ بنی عبدالاشہل سے تعلق تھا ۔ان میں ایک سعدؓ بن معاذ تھے دوسرے اسید بن حضیر ؓ اور تیسرے عباد بن بشر ؓ ۔
حوالہ جات
1-
اصابہ جز ۱ صفحہ 48،ابن سعد جلد 3صفحہ 604
2-
السیرۃ النبویہ لابن ہشام جز2ص 77تا79
3-
ابن سعد جلد 3صفحہ 604
-4
استیعاب جلد1ص186
-5
مسند احمد بن حنبل جلد 5صفحہ 468
-6
مجمع الزوائد جلد 9صفحہ 310
-7
بخاری کتاب فضائل القرآن باب نزول السکینہ و الملائکۃ
-8
بخاری مناقب الانصار باب اسیدؓ بن حضیر
-9
ابن سعد جلد 3صفحہ 605
-10
تاریخ طبری جلد 6صفحہ 104
-11
اسدالغابہ جلد 1صفحہ 93
-12
ابن سعد جلد 3صفحہ 606

حضرت عباد ؓبن بشر انصاری
نام ونسب
حضرت عَبّاد بن ِبشر کا تعلق قبیلہ بنی عبدالاشہل سے تھا ۔ابو بشر کنیت تھی ۔والد ہ کا نام فاطمہ تھا، حضرت مصعب ؓبن عمیر کے ذریعہ انہوں نے حضرت اسیدؓ بن حضیر انصاری سے پہلے اسلام قبول کیا تھا ۔مؤاخات ہوئی تو یہ حضرت ابو حذیفہؓ کے بھائی بنائے گئے۔
یہودی مجرم کعب الاشرف کی سزا دہی کیلئے حضرت محمدؓ بن مسلمہ مقرر ہوئے تو حضرت عبادؓ بن بشر نے ان کی خصوصی معاونت کی توفیق پائی۔(1)
غزوات میں شرکت
غزوہ بدر،احد ویگر غزوات میں شرکت کی توفیق ملی ۔آپ بہت پارسا اور عبادت گزار بزرگ تھے۔حضرت عائشہ ؓ فرماتی ہیں ’’ایک دفعہ نبی کریم ﷺکی میرے ہاں باری تھی ۔تہجّد کے وقت جب آنحضور ﷺ اٹھے تو مسجد میںتلاوت قرآن کی آواز سنی تو پوچھا کہ ’’یہ عباد ؓکی آواز ہے ۔‘‘ میں نے عرض کیا جی حضور۔‘‘رسول کریم ﷺنے اس خوش نصیب صحابی کیلئے یہ دعا کی ۔اَللھُمََّّ ارْحَمْ عَبَّادًا(2)کہ اے اللہ عباد ؓپر رحم کر۔دوسری روایت میں ہے کہ آپؐ نے فرمایا اَللّٰھُمَّ اغْفِرْلَہٗ اے اللہ اس کو بخش دے۔
غزوئہ احد اور غزوئہ احزاب میں بھی خدمات کا موقع ملااور آنحضرت ﷺ کے خیمے کا پہرہ دینے کی سعادت ان کے حصہ میں آئی۔غزوئہ حدیبیہ میں حضرت عبادؓخالدبن ولید کے مقابلہ کی مہم پر جانے والے بیس سواروں میں شامل تھے ۔(3)
بعدمیں رسول کریم ﷺ نے بنو سلیم،مدینہ اور بنو مصطلق سے صدقات اکٹھا کرنے کی خدمت ان کے سپرد فرمائی۔حضور ؐ کی ہدایات کے مطابق انہوں نے اس ذمہ داری کاحق خوش اسلوبی سے ادا کیااور ان قبائل کو کوئی شکایت پید ا نہیں ہوئی ۔غزوئہ حنین کے موقع پررسول کریم ﷺ نے حضرت عبادؓ کو مال غنیمت کا نگران مقرر فرمایا، اسی طرح نبی کریمؐ کے حفاظتی دستہ کے بھی وہ نگران تھے۔
نشان روشنی
حضرت عبادؓ کیساتھ پیش آنے والا ایک خارق عادت نشان بھی قابل ذکر ہے جس میں ایک بزرگ صحابی حضرت اسیدؓ بن حضیر انصاری بھی آپ کے ساتھ شریک تھے ۔جب یہ دونوں ایک تاریک رات میںنبی کریم ﷺکی مجلس سے واپس اپنے گھر وں کو جارہے تھے تو دونوں کی لاٹھیوں سے روشنی کی کرنیں پھوٹنے لگی تھیں جو تاریک رات میں دونوں کے لئے راہنمائی کا کام کر رہی تھیں۔ جب عبادؓ کاگھر آگیا تو حضرت اسیدؓ کی لاٹھی روشن ہوگئی۔(4)
پیشگی شہادت کی اطلاع
حضرت عائشہ ؓ فرماتی تھیں کہ انصار میں سے قبیلہ بنی عبدالاشہل کے تین لوگ ایسے ہیں کہ نبی کریم ﷺ کے بعد مسلمانوںمیں کوئی ان سے افضل نہیں اور وہ حضرت سعدؓ،حضرت اسیدؓ اور حضرت عبادؓ ہیں۔
نبی کریم ﷺ کی حضرت عبادؓ کیلئے رحم کی دعائے خاص کے نتیجے میںجو ایک عظیم الشان مقام انہیں عطا ہوا ،وہ مقام شہاد ت ہے۔انہیں شہادت کا بہت ہی شوق تھا ۔
حضرت ابو سعیدؓ خدری بیان کرتے ہیںکہ حضرت عبادؓ نے ایک دفعہمجھے سنایا کہ میں نے رات خواب میں دیکھا کہ آسمان پھٹا ہے اور میں اس کے اندر داخل ہوگیا ہوںتو وہ جڑُ گیا ہے اس رئویاسے مجھے یہ امید ہے کہ اللہ تعالیٰ مجھے شہادت کا رتبہ عطا فرمائے گا ۔حضرت ابو سعیدؓ کہتے ہیںمیںنے کہا ہاں یہ خواب اچھی معلوم ہوتی ہے۔ چنانچہ جنگ یمامہ میں یہ رئویا پوری ہوئی ۔اس جنگ کے کٹھن امتحان میں حضرت عباد ؓبن بشر نے کمال شجاعت اور مردانگی کا نمونہ دکھایا۔
حضرت ابو سعیدؓ بیان کرتے تھے کہ اس جنگ میں میں نے حضرت عبادؓ کو دیکھا وہ انصار کو دشمن پر حملہ کیلئے بلارہے تھے اور فرماتے تھے کہ اے انصار دوسرے لوگوں سے نمایاں اور ممتاز ہوکر تلواریں ہاتھ میں لئے میدان میں نکلو ۔پھر وہ انصار کے گروہ کو دوسرے لوگوں سے الگ کرتے تھے تاکہ ان کی بہادری دوسروں سے جدا ہوکر دنیا کے سامنے آئے، اورکہتے تھے کہ اے گروہ انصار ! الگ ہوجائو۔ پھر فرماتے ہمیں الگ کردو ہمارا انصار کاجتھہ الگ سے دشمنان اسلام کا مقابلہ کرے گا ۔‘‘چنانچہ انصار کا ایک ایسا جتھہ ترتیب دیا گیا جس میںان کے سوااور کوئی دوسرانہ تھا ان میں حضرت عباد ؓبن بشر حضرت ابو دجانہؓ اور حضرت براء ؓبن مالک تھے اور یہ سب دشمن پر حملہ آور ہوئے اور فتح پائی مگر اس فتح کیلئے حضرت عباد ؓنے اپنی جان کی قربانی پیش کردی اورجام شہادت نوش کرنیکی سعادت پائی ۔
حضرت ابو سعید ؓ بیان کیا کرتے تھے کہ ’’جنگ کے بعدمیں نے دیکھا کہ حضرت عبادؓ کے چہرے پر تلواروں کے اتنے نشان تھے کہ چہرہ پہچانا نہیں جاتا تھا ۔ان کے جسم کی ایک علامت سے ان کو پہچانا۔‘‘یہ 12؁ ہجری کا واقعہ ہے۔ 35سا ل کی عمر میں جوان سال حضرت عبّادؓ نے شہادت پائی۔(5)حضرت عبادؓ بیان کرتے تھے کہ رسولؐاللہ نے ایک موقع پر فرمایا تھا’’اے انصار کی جماعت!تم میرے ایسے قریب ہو جیسے جسم کا قریبی لباس اور باقی لوگ اوپر کالباس ہیں۔‘‘(6)آج حضرت عبادؓ کے حق ہماری بھی وہی دعا ہے جو آنحضرت ﷺنے کی تھی اَللّٰھُمَّ ارْحَمْ عَبَّادًااے اللہ حضرت عبادؓ پر ہمیشہ اپنی رحمتیں اور برکتیں نازل فرماتا رہ!آمین
حوالہ جات
-1
استیعاب جلد1ص 350
-2
فتح الباری جلد 7صفحہ 94
-3
استیعاب جلد1ص 351، ابن سعد جلد 3صفحہ 440
-4
استیعاب جلد1ص 351،350
-5
الطبقات الکبریٰ ابن سعد جلد 3صفحہ 441
-6
استیعاب جلد1ص 352

حضرت حرام بن ملحان ؓ
حضرت حرام بن ملحانؓ کا تعلق قبیلہ بنو نجار سے تھا۔ وہ سعادت مند قبیلہ جسے آغاز اسلام میں ہی آنحضرت ﷺ کی تائید ونصرت کی توفیق ملی۔ والدہ مُلیکہ بنت مالک تھیں۔وہ اُس اخلاص پیشہ خاندان سے تعلق رکھتے تھے جنہوں نے اپنا سب کچھ اپنے آقا و مولا حضرت محمد مصطفیٰ ؐ پر فدا کردیا تھا۔ ان کی ایک بہن حضرت ام سُلیمؓ تھیں جو ابوطلحہؓ انصاری کی اہلیہ تھیں ان کے صاحبزادے انس ؓبن مالک خادم رسول ؐ ہیں۔ جنہیں دس سال تک نبی کریم ﷺکی خدمت کی توفیق ملی گویا حضرت حرامؓ حضرت انس بن مالک ؓ کے ماموں تھے۔ خود ان کی بہن اُم سلیمؓ خاندان نبوی اور آنحضرت ﷺ کی ازواج اور آپ ؐکے گھر کی خدمات میں پیش پیش ہوتی تھیں۔ آنحضرؐت کی عاشقہ صادقہ تھیں۔(1)
ان کی دوسری بہن حضرت اُمِ حرامؓحضرت عبادہ ؓبن صامت کی اہلیہ تھیں جن کی خواہش پر آنحضرت ؐ نے اُن کے حق میںخاص دعا کی ۔ جس کے طفیل انہیں سمندر پار سفر کرنے کی سعادت اسلامی بحری بیڑے میں میسرآئی۔(2)
ہجرت مدینہ کے ابتدائی دورمیںحضرت حرامؓ بن ملحان کی شہادت کا واقعہ نہایت ہی عظیم الشان ہے۔ جس میںآپ نے ایک حیرت انگیز قربانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جان جانِ آفریں کے سپرد کردی۔ وہ مدینہ میں حضور ﷺ کے فیض محبت سے تربیت یافتہ تھے۔اس زمانہ میں جس قدر قرآن شریف نازل ہوچکا تھا۔اسے حفظ کرکے انہوں نے قاری کا لقب پایا۔ دیگر نوجوانوں کو بھی قرآن شریف سکھاتے تھے اوراصحاب صُفّہ جو مسجد نبوی کے ایک مسقف چھپّرنُما چبوترہ میں رہتے تھے اُن کی خدمات میں آپ پیش پیش ہوتے تھے، اُن کے لئے پانی بھر کے لاتے، خوراک کا بندوبست کرتے، لکڑیاں کاٹ کر بیچتے اس سے خوراک کا انتظام کرتے اور اُن کمزور اور فقراء صحابہ کی خدمت میں صرف کردیتے۔اور انہیں لکھنا پڑھنا سکھاتے تھے۔(3)
دعوت الی اللہ کی راہ میں جان کی قربانی
ایک دفعہ قبیلہ بنی عامر کا ایک وفداپنے سردار عامربن الطفیل کی سرکردگی میںآنحضرؐت کی خدمت میں حاضر ہوا،وہ خود تو مسلمان نہ ہوامگر عرض کیا کہ ہمارے قبائل میں تبلیغ اسلام کے لئے آپ کچھ لوگ بھجوائیں جو ہمیں دین اسلام سکھائیں تاکہ ہمارے قبیلے کے لوگ بھی اسلام میں داخل ہوسکیں۔ ان قبائل میں بھی اسلام کا پیغام نہیں پہنچا تھا۔ حضور ؐنے فرمایا کہ مجھے اہل نجد سے خدشہ ہے کہ انہیں نقصان نہ پہنچائیں۔ اس نے کہا اس کا میں ذمّہ دار ہونگا اور میری امان ہوگی۔ (4)
حضور ؐنے ازراہ احتیاط بجائے ایک یا دو افراد کو بھجوانے کے سترافراد پر مشتمل ایک قافلہ تیار کیااور حضرت حرام ؓ بن ملحان کو اُن کا امیر مقرر فرمایا اور یہ قافلہ بنی عامر کی طرف روانہ ہوا۔ جب یہ لوگ وہاں پہنچے تو حضرت حرام بن ملحان ؓ نے محسوس کرلیا کہ معاملہ کچھ دگرگوں ہے اور ان مخالفین اسلام نے ہمیں دھوکہ دے کر تبلیغ اور تعلیم قرآن کے نام پر بلایا ہے۔ حالانکہ وہ ان کے خون کے پیاسے ہیں اور موقع پاکر ان کی جانیں لینا چاہتے اور مسلمانوں کو بہت بڑا نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔حضرت حرام ؓ نے یہ محسوس کرکے اپنے قافلے کو بعض احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ہم سب وہاںاکٹھے جاکرپیغام نہ پہنچائیں تاکہ سارے کے سارے ان کے گھیرے میں نہ آجائیں بلکہ ایک بڑا گروہ پیچھے موجود رہے۔ پہلے میں خود اور میرا ایک ساتھی آگے پیغام پہنچانے کے لئے جائیں گے اگرتو وہ ہمارے ساتھ حسنِ معاملہ کریں اور محبت وامن سے پیش آئیں تو پھر باقی لوگ بھی آگے آجائیںاور پیغام اسلام کا فریضہ ادا کریں اور اگر ہمارے ساتھ ہی ان کا معاملہ اچھا نہ ہوا، تو پھر جو لوگ پیچھے ہونگے ان کو حسبِ حال فیصلہ کرنا ہوگا۔ یہ ایک نہایت دانشمندانہ اقدام اورعمدہ حکمت عملی تھی جو حضرت حرامؓ بن ملحان نے پیش آمدہ حالات میں مرتب فرمائی۔ اس فیصلہ کے مطابق وہ آگے بڑھ کر اسلام کا پیغام پہنچانے لگے۔ اسی دوران بنی عامر کے سردار نے اپنے بعض ساتھیوں کو اشارہ کیا ۔وہ نیزوں کے ساتھ حضرت حرامؓبن ملحان پر حملہ آور ہوگئے۔ نیزہ ان کے گلے کی رگ میں پیوست ہوا اور خون کا ایک فوارہ چھوٹا۔حضرت حرام ؓ بن ملحان نے اپنے ہاتھ سے اوک بنائی۔ اس میں وہ خون لے کر اپنے چہرے پر چھڑکا اور بآواز بلند دودفعہ یہ نعرہ بلند کیا۔فُزْتُ وَرَبّ الْکَعْبَۃِ ۔ کعبہ کے رب کی قسم! میں کامیاب ہوگیا۔ کعبہ کے رب کی قسم میں کامیاب ہوگیا۔ بعد میں وہ حالات اور واقعہ دیکھنے والے لوگوں نے بیان کیا کہ ہم حیران ہوکر کہتے تھے کہ اس شخص کی عجب حالت ہے نیزہ لگنے کے بعد جب اس کی موت یقینی ہے اور خون بہہ رہا ہے۔ یہ کیسا شخص ہے کہ اپنی ہلاکت پرکامیابی کے نعرے بلند کررہا ہے اور کہتا ہے کہ کعبہ کے رب کی قسم میں کامیاب ہوگیا۔ انہیں کیا معلوم کہ وہ کامیابی جس کا اعلان حضرت حرامؓ بن ملحان کررہے تھے، یہ خدا تعالیٰ کی خاطر اپنی جان کی قبولیت اور شہادت کا مرتبہ اور اعزاز پانے کی قربانی تھی، جو خداتعالیٰ کے دربار میں مقبول ہوگئی۔ اس کے بعد بنی عامر قبیلہ کے لوگ باقی قافلہ پر حملہ آورہوگئے سوائے دو افراد کے جنہوں نے بھاگ کر جان بچائی باقی سب اصحاب رسول ﷺ کو انہوں نے تہہ تیغ کردیا۔(5)
شہداء بئرمعونہ کی دعا اوررسول اللہ ﷺ کو ان کی اطلاع
یہ تمام اصحاب رسول جو خداتعالیٰ کی راہ میں پیغام پہنچانے اور دعوت الی اللہ کے لئے نکلے تھے خدا کی راہ میں شہید ہوگئے۔ یہ واقعہ اسلامی تاریخ میں بئرِ معونہ کے نام سے مشہور ہے۔ حضرت حرامؓ بن ملحان اور ان کی ساتھیوں نے اس موقع پر خداتعالیٰ کے حضور ایک دعا کی کہ’’ اے اللہ ہماری یہ شہادتیں اور ہماری یہ جانی قربانیاں جو تیری راہ میں ہم پیش کررہے ہیں قبول فرمالے۔‘‘ اور اس آخری وقت میں ہماری یہ التجا بھی ہے کہ ہم سب تو یہاں تیری راہ میں جان دے رہے ہیں اور ہمارے آقا آنحضرت ﷺ کواس واقعہ کا کوئی علم نہیںاور اس سرزمین میں تیرے سواہماراکوئی ہمدردوہاں خبرپہنچانے والا بھی نہیں۔ اَللّٰھُمَّ بَلِّغْ عَنَّا نَبِیَّنَا۔ اے اللہ! ہماراسلام اپنے رسول ﷺ تک پہنچا دینا اورانہیںہماری خبر کردینا۔(6)
چنانچہ حضرت انس ؓ بیان کرتے ہیں کہ ان جانیں قربان کرنے والوں کی دعا خداتعالیٰ نے اس رنگ میں قبول کی کہ حضرت جبریل ؑ نے آنحضرت ﷺتک نہ صرف ان صحابہ کا سلام پہنچا یا بلکہ اُن کے تمام احوال اور ان کی شہادت کی اطلاع کی کہ وہ راضی برضا ہوکرخداتعالیٰ کے حضور اپنی جانوں کی قربانی پیش کرچکے ہیں۔ یہ اطلاع جب وحی الہٰی کے ذریعہ آنحضرت ﷺ تک پہنچی۔ آپؐ نے صحابہ کو یہ روح فرساخبر سنائی۔ حضور ؐاور آپ کے اصحاب کو اچانک سترکے قریب صحابہ کی شہادتوں سے بہت رنج وغم بھی ہوا اور تکلیف بھی پہنچی۔ حضرت انسؓ کہتے ہیں کہ ہم ان کے بارے میں اس وحی کے الفاظ (قرآن کی طرح)ایک زمانے تک پڑھا کرتے تھے کہ ’’ہماری قوم کو یہ پیغام پہنچادو کہ ہم اپنے رب سے جاملے ہیں اور وہ ہم سے راضی ہے اور ہمیں بھی اس نے راضی کردیا ہے۔‘‘پھر یہ ـپڑھنا منسوخ ہوا یعنی بوجہ غیرقرآنی وحی ہونے کے اس کی تلاوت صحابہ نے ترک کردی۔
حضوؐر تیس دن تک ان قبائل رعل، ذکوان، بنی لحیان اور عصیہ کے بارے میں یہ دعائیں کرتے رہے کہ’’ اے اللہ ان قبیلوں پر جنہوں نے بدعہدی کرکے مسلمانوں پر یہ ظلم ڈھایاہے۔ خود اپنی گرفت فرمااور ان کو تو خود پکڑ کیونکہ انہوں نے اللہ اور اس کے رسول کی نافرمانی کی ہے اور خدائے رحمان کے نافرمان بندے بن کر بدعہدی کے مرتکب ہوئے ہیں۔‘‘(7)
حضرت عبداللہؓ بن مسعود بیان کرتے تھے کہ ان شہداء کا مرتبہ بہت بلند تھا ۔ حضور ؐ نے ان کی شہادتوں کو عظیم اور غیرمعمولی قرار دیا۔ صحابہ بھی کہا کرتے تھے کہ جس شخص کو یہ بات خوش کرتی ہے کہ وہ کسی کے حق میں یہ گواہی دے کہ وہ خداکی راہ میں شہید ہوئے ہیں تو بئر معونہ کے شہداء پر اسے یہ گواہی دینی چاہیے کہ یہ راہ حق کے شہید ہیں اور وہ ہیں جنہوں نے دعوت الی اللہ کی راہ میں اپنی جانیں قربان کر دیں۔(8)
گویا یہ وہ باوفا لوگ ہیںجو شہداء کہلانے کے لائق ہیں اور شہادت کے بلند اور عظیم الشان مرتبے جن کو حاصل ہیں ۔ جب مدینہ میں تھے تو عجز اور انکسار کے ساتھ اصحابِ صفہ کے غریب صحابہ کی مددکرتے ،ان کی خدمت کرتے، ان کو قرآن پڑھاتے تھے اور جب دیگر قوموں کو پیغام حق پہنچانے گئے وہاں راہِ خدا میں جامِ شہادت نوش کرلیا۔اللہ کی رحمتیں اورفضل ان پرہوں۔




حوالہ جات
-1
ابن سعد جلد 3ص514،اصابہ جز8ص243
-2
بخاری کتاب الجہاد باب غزوۃ المرأۃ فی البحر
-3
مسلم کتاب الامارہ باب ثبوت الجنۃ للشھید
-4
ابن ہشام جلد3ص184
-5
بخاری کتاب المغازی باب غزوۃ الرجیع
-6
مجمع الزوائد جلد6ص127
-7
بخاری کتاب المغازی باب غزوۃ الرجیع
-8
ا بن سعد جلد3ص515

حضرت عبداللہ ؓبن عمرو بن حرام انصاری
نام ونسب
نام عبداللہ ؓ بن عمرو بن حرام انصاری رنگ سرخ اورقددرمیانہ تھا۔ اپنے والد عمرو سے قبیلہ بنو سلمہ کی سرداری ورثہ میں پائی۔والدہ رباب بنت قیس تھیں۔ حضرت جابرؓ انصاری کے والد اور ابوجابر کی کنیت سے معروف تھے۔ باپ بیٹا دونوں نے عقبہ ثانیہ میں شریک ہوکر رسول اللہ ﷺکی بیعت کی توفیق پائی اور عبداللہؓرسول کریم ﷺکی طرف سے قبیلہ کے نقیب اورسردار مقرر ہوئے۔(1)
قبول اسلام
حضرت کعب ؓ بن مالک انصاری بیان کرتے ہیں کہ 13ھ میں(ہم انصار مدینہ حج کیلئے مکہ گئے تو) رسول اللہ ﷺ کے ساتھ عقبہ میں منیٰ کے درمیانی دن ہماری ملاقات طے ہوئی۔ جب ہم حج سے فارغ ہوئے تو ہمارے ساتھ جابرؓ کے والد عبداللہؓ بن حرام بھی تھے۔وہ ہمارے سرداروں اور معززین میں سے تھے۔ہم اپنی قوم کے مشرکوں سے اس وقت تک رسول اللہ ﷺ اوراسلام کا معاملہ مخفی رکھ رہے تھے۔تب ہم نے ان سے بات کی کہ آپ ہمارے سردار اورمعزز انسان ہیں مگر جس شرک پر آپ قائم ہیں ہم اس سے بیزار ہیں۔ ہم پسند نہیں کرتے کہ آپ اس کے نتیجہ میں جہنم کا ایندھن بنیں۔ پھر ہم نے انہیں اسلام کے بارہ میں بتایا اور رسول کریمؐ سے عقبہ میں ملاقات کا ذکر کیا۔ انہوں نے بھی ہمارے ساتھ بیعت عقبہ میں شریک ہوکر اسلام قبول کرلیا اور اپنے قبیلہ بنو سلمہ کے نقیب مقرر ہوئے۔(2)
رسول کریم ﷺ سے محبت
حضرت عبداللہؓ بن عمرو نے عقبہ میں جو عہد رسولؐ اللہ سے باندھاتھا، اس کا حق خوب ادا کیا۔ انہیں رسول کریمؐ سے والہانہ عشق تھا ۔ ہجرت کے بعد ابتدائی مدنی دورمیں رسولؐ اللہ کی خدمت اور خوشنودی کی خاطر ہمیشہ کمربستہ رہتے تھے۔ ایک دفعہ گھر میں کوئی میٹھی چیز کھیر وغیرہ تیار ہوئی۔اپنے بیٹے حضرت جابرؓ سے کہا کہ رسول کریم ﷺ کی خدمت میں بھی تحفہ پیش کرکے آئیں۔ جب وہ واپس آئے توپوچھا رسول کریمؐ نے کچھ فرمایا بھی تھا؟انہوں نے بتایا کہ حضوؐر نے پوچھا تھا کہ جابرؓ! گوشت لائے ہو؟ حضرت عبداللہؓ نے کہا اچھا میرے آقا کو گوشت کی خواہش ہے۔ اسی وقت اپنے گھر کی بکری ذبح کی اور بھنا ہوا گوشت تیار کرکے حضورؐ کی خدمت میں بھجوایا۔ رسول کریمؐکی زبان مبارک سے انصار اور ان کے خاندان کیلئے دل سے خاص دعا نکلی ۔ آپؐ نے فرمایا ’’اے انصاراللہ تعالیٰ آپ کو بہترین جزا عطا کرے۔ خاص طور پر عمروؓ بن حرام اور سعدؓ بن عبادہ کے خاندانوں کو۔‘‘(3)
غزوات میں شرکت
حضرت عبداللہؓکو غزوہ بدر میں رسول کریم ﷺ کے ساتھ شرکت کی سعادت نصیب ہوئی۔ اسی طرح غزوہ احد میں بھی شریک ہوئے اور خدا کی راہ میں اپنی جان کی قربانی کی خواہش لے کرگئے ۔اپنی کم سن نوجوان لڑکیوں کے یتیم ہونے کا خوف انہیں اس عظیم سعادت سے روک نہ سکا۔ معلوم ہوتا ہے انہیں کسی رؤیا کے ذریعہ اللہ تعالیٰ نے قبل از وقت شہادت کی اطلاع دے دی تھی۔ میدان احد میں جاتے ہوئے اپنے بیٹے کو نصیحت کی کہ ’’مجھے امید ہے کل سب سے پہلے مجھے شہادت کی سعادت عطا ہوگی۔ میری موت کے بعد تم اپنی بہنوں کا خاص خیال رکھنا اور یہود کے قرض میرے کھجور کے باغات میں سے ادا کر دینا۔‘‘(4)
شہادت
حضرت عبداللہؓ کا سچا جذبہ شہادت خدا کے ہاں ایسا مقبول ٹھہرا کہ غزوہ احدمیں مسلمانوں میں سب سے پہلے وہی شہید ہوئے۔ حضرت جابرؓ بیان کرتے ہیں کہ میرے والد اور ماموں احدمیں شہید ہوئے تو میری والدہ ان کی نعشیں اٹھا کر مدینہ لے آئیں۔ پھر نبی کریم ﷺکا یہ ارشاد معلوم ہوا کہ شہداء احد کو ان کی شہادت کی جگہ ہی دفن کرنا ہے توانہیں واپس لے جاکر وادی احد میں دفن کیا گیا۔(5)
تدفین
حضرت عبداللہؓ کے برادرنسبتی اور جگری دوست حضرت عمروؓ بن جموح بھی شہادت کی تمنا لئے احد میں آئے اور پھر زندہ واپس نہیں لوٹے ۔ نبی کریمؐ نے ان دونوںکی نماز جنازہ پڑھائی اور فرمایا ’’یہ دونوں بھائی دنیا میں بھی اکٹھے تھے اور باہم محبت کرتے تھے ان کو ایک قبر میں دفن کیا جائے ۔ چنانچہ وہ ایک ہی قبر میں دفن ہوئے۔‘‘(6)
حضرت جابرؓ اپنے والدکی اکلوتی نرینہ اولاد اور ساتھ بہنوں کے بھائی تھے۔ طبعاً والد کی جدائی کا صدمہ بھاری تھا۔شہادت کے بعد والدکے چہرہ سے کپڑا اٹھا کر بار بار دیکھتے انکا بوسہ لیتے اور روتے جاتے۔ ان کی پھوپھی فاطمہؓ بھی رونے لگیں۔رسول کریم ﷺنے فرمایا ’’ان کی موت پرنہ رؤو فرشتوں نے اپنے پروں سے ان کو سایہ کر رکھاہے۔‘‘(7)
حضرت جابرؓ بیان کرتے ہیں کہ میرے والد اور ماموں اکٹھے دفن کئے گئے تھے۔ میر ادل اس پر مطمئن نہ تھا۔ چنانچہ چھ ماہ بعد انہیں قبر سے نکال کر الگ دفن کیا گیا۔دیکھا نعش صحیح سلامت تھی، سوائے کان کے معمولی گوشت کے جو کھایا گیا تھا۔
ایک دفعہ سیلاب آنے پر قبر کھل گئی تو دیکھا کہ جیسے حضرت عبداللہؓ آرام کی نیند سوئے ہیں۔ تدفین کے وقت انہیں ایک چادرمیں کفن دے کر چہر ہ اس سے ڈھانک کر پائوںپر گھاس ڈالی گئی تھی اوروہ ویسے کے ویسے تھے۔(8)اس سے معلوم ہوتا ہے کہ بعض دفعہ اللہ تعالیٰ اپنے پیاروں کی خاطر ایسے خارق عادت نشان بھی دکھا دیتا ہے۔
دوبارہ شہادت کی خواہش
حضرت عبداللہؓ کی وفات کے بعد رسول کریم ﷺنے حضرت جابرؓ کو مغموم پاکر تعزیت فرمائی اور پوچھامغموم کیوں ہو آئو میں تمہیں خوش کروں اور بتائوں کہ اللہ تعالیٰ نے تمہارے والد کو زندہ کرکے سامنے بٹھایا اور فرمایا مجھ سے جو چاہو خواہش کرو میں تمہیں عطا کروں گا۔ حضرت عبداللہؓ نے عرض کیا ’’اے میرے رب! ہم نے تیری بندگی کا حق تو ادا نہیں کیا۔ اب تیرے سامنے خواہش کس منہ سے پیش کریں۔‘‘ پھر کہا’’ بس اب تو اگرکوئی خواہش ہے تو یہی کہ مجھے پھر دنیا میں لوٹا دے تاکہ پھر تیرے نبیؐ کے ساتھ ہو کر دشمن کا مقابلہ کروں اورایک دفعہ پھر شہید ہوکہ آئوں۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ’’میں اپنی کتاب میں یہ فیصلہ کر چکا ہوںکہ جنہیں ہم ایک دفعہ موت دے دیں وہ لوٹائے نہیں جاتے۔‘‘ دوسری روایت میں حضرت جابرؓ کے چچا کے ساتھ بھی اسی سلوک کا ذکر ہے۔(9)
خوشخبری
ایک روایت میںہے کہ حضرت عبداللہؓ نے عرض کیا کہ اے میرے رب! جو ہمارے پیچھے رہ گئے ہیں انہیں ہمارے اس بلندمقام شہادت سے اطلاع فرما دے (تا انہیں بھی اطمینان ہو) اس پر سورۃ آل عمران کی آیات 170تا172نازل ہوئیں جن میں یہ ذکر ہے کہ جو اللہ کی راہ میں مارے جائیں انہیں مردہ نہ سمجھو وہ زندہ ہیں ،اپنے رب کے پاس ان کو رزق دیا جاتا ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں جو کچھ عطا کیا ہے اس پر وہ خوش ہوتے ہیں اور اپنے پچھلوں کی وجہ سے جو ابھی ان سے نہیںملے، خوش ہوتے ہیں کہ ان پر کوئی خوف نہیں اور نہ وہ غمگین ہیں۔(10)
حوالہ جات
1-
ابن سعد جلد 3ص561،620
2-
مسند احمد بن حنبل جلد 3ص 461
3-
مجمع الزوائد جلد9ص 317
4-
ابن سعد جلد3ص 5663،اسد الغابہ جلد1ص 256.257
5-
ابن سعد جلد 3ص 562
6-
مسند احمد جلد5ص 229
7-
بخاری کتاب المغازی و ابن سعد جلد3ص 561
8-
ابن سعد جلد 3ص 562
9-
مجمع الزوائد جلد 9ص 317
10-
اسد الغابہ جلد3ص 233

حضرت عمرو ؓبن جموح انصاری
نام ونسب
حضرت عمرو ؓبن جموح انصار کے قبیلہ بنی جثم بن خزرج سے تعلق رکھتے تھے انہیں عقبہ کے موقع پر بیعت کرنے کی سعادت عطا ہوئی۔ بدر میں بھی شریک ہوئے ایک موقع پرنبی کریم ﷺنے انہیں قبیلہ بنو سلمہ کا سردار مقررفرمایا۔کیونکہ یہ بڑے سخی شخص تھے۔ اس کی تقریب کچھ یوں پیش آئی کہ انصار کے قبیلہ بنوسلمہ کے کچھ لوگ آنحضرت ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے۔حضور ﷺنے پوچھا کہ تمھارا سردار کون ہے ؟انہوں نے عرض کی کہ یارسول اللہ ﷺہمارا سردار تو جد بن قیس ہے مگر وہ ہے بڑا بخیل۔حضور ﷺنے فرمایا’’ بخل سے بری تو کوئی بیماری نہیں۔تمہارا سردار تو عمرو بن جموحؓ جیسا شخص ہونا چاہیے جو بہت ہی سخی انسان ہے‘‘
حضور کا یہ اشارہ ہی وفا شعار انصار کیلئے عمرو بن جموحؓ کی سرداری کا پروانہ ثابت ہوا۔ تب سے حضرت عمرو بن جموح ؓ بالاتفاق اپنے قبیلہ کے سردار مانے گئے چنانچہ انصا ر کا شاعر یوں نغمہ سرا ہوا۔
وَقَا لَ رَسُولُ اللّٰہِ وَالْحَقُّ قَولُہ‘ لِمَنْ قَالَ مِنَّا مَن تَسَمُّونَ سَیّدِاً
یعنی خد ا کے رسو لؐ نے کیا ہی سچ فرمایاتھا جب آپ نے ہم سے پوچھا کہ تمہار ا سردارکون ہے ؟
فَسُوّ ِدَعَمْرُو بنُ الْجُمُوحِ لِجُودِہٖ وَحَقٌّ لِعَمْرِِو بِالنَّدیٰ اَن یُسَوَََّدَا
پھر عمروؓ بن جموح کو ان کی سخاوت کے باعث سردار مقررکیا گیا اور اپنی سخاوت اور جو دو سخا کی وجہ سے عمر و ہی اس بات کے مستحق تھے کہ وہ سردار بنائے جاتے۔
پھر ان کی سخاوت کا حال یوں کیا ہے۔
اِذَا جَاَء ہُ السُّؤَال اَذْھَبَ مَالَہٗ وَقَالَ خُذُوہُ اِنَّہٗ عَائِدٌ غَداً (1)
ان کے پاس جب کوئی سوال کرنے والا آتا ہے۔ وہ اپنے مال کو خد اکی راہ میں لٹادیتے اور اس سائل کی ضرورت پوری کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ مال لے جائو کہ یہ تو کل پھر لوٹ کر ہمارے پاس واپس آنے والا ہے ۔
بیٹے کا باپ کو تبلیغ توحید کا انوکھا طریق
حضرت عمروؓ بن جموح کے قبول اسلام کا قصہ بھی بہت ہی دلچسپ اور عجیب ہے ۔ آغاز میں یہ مشرک اور بت پرست تھے اور اپنے گھر میں ہی لکڑی کا ایک بت بنا کر اسے منات کا نام دے رکھا تھا اور اس کی بڑی تعظیم اورپاک صاف رکھتے تھے ۔بیعت عقبہ ثانیہ کے موقع پر بنوسلمہ کے بعض نوجوانوں نے بیعت کی، ان میں حضرت معاذؓ بن جبل بھی تھے۔ خود حضرت عمرؓ وکے بیٹے معاذ نے بھی بیعت کرلی تھی۔انہوں نے اپنے والد عمر ؓو کو اسلام کی طرف دعوت دینے کی عجیب راہ نکالی۔ انہوںنے تدبیر یہ کی کہ حضرت عمرو ؓ کا وہ بت جسے انہوں نے اپنے گھر میں سجا رکھا تھا ،رات کو اسے وہاں سے اٹھاکر محلہ کے کوڑے کے گڑھے میں پھینک دیتے تھے ۔عمر وؓ دوبارہ اسے تلاش کرکے اپنے گھر میں لے آتے اورکہتے کہ اگر مجھے اس شخص کا پتہ چل جائے جو میرے بت کے ساتھ یہ سلوک کرتاہے تو میں اسے عبرت ناک سز ا دوں۔ اگلے دن پھر ان نوجوانوں نے اس بت کے ساتھ وہی سلوک کیا، وہ پھرگڑھے میں الٹا پڑا تھا۔ عمرؓو پھر اسے اٹھا لائے۔ تیسرے دن پھر اس بت کو صاف ستھرا کرکے سجا کے رکھا۔ ساتھ ہی اپنی تلوار بھی رکھ دی اور بت کو مخاطب کرکے کہا کہ خد ا کی قسم مجھے نہیں پتہ کہ کون تمھارے ساتھ یہ حرکتیں کر تا ہے لیکن اب میں تلوار بھی تمھارے ساتھ چھوڑے جارہاہوں۔ اب اپنی حفاظت خود کرلینا۔ اگلے دن جب پھر عمروؓ نے دیکھا کہ بت اپنی جگہ موجود نہیں اور پھر محلہ کے اسی گڑھے کے اندر ایک مردہ کتے کے گلے میں وہ بت بندھا پڑا مل گیا۔عمرو ؓ یہ دیکھ کر بہت سٹ پٹائے اور سخت پریشان ہوکر یہ سوچنے پر مجبو ر ہوئے کہ وہ بت جسے میں نے خدا بنا کر رکھا ہوا ہے اس میں تو اتنی قدرت اور طاقت بھی نہیں کہ تلوار پاس ہوتے ہوئے بھی اپنے آپ کو بچا سکے اس نے میری کیا حفاظت کرنی ہے؟ اور طرفہ یہ ایک مردہ کتا اس کے گلے میں پڑاہوا ہے ۔پھریہ خدا کیسے ہوسکتا ہے اور یہی بات ان کے قبول اسلام کا موجب ہوگئی ۔چنانچہ اس موقع پر اس بت کو مخاطب کرکے انہوںنے جو اشعا رکہے اس سے انکی اندرونی کیفیت خوب ظاہر ہوتی ہے ۔
تَااللّٰہِ لَوْ کُنْتَ اِلٰھاً لَمْ تَکُنْ اَنْتَ وَکَلْبٌ وَسْطَ بِئِرِفِی قَرَنْ
اے بت ! خد ا کی قسم اگر تم واقعی سچے خد اہوتے تو پھر یہ تو نہ ہوتا کہ تم ایک مردہ کتے کے گلے میں بندھے ایک گڑھے میں یوں پڑے ہوتے ۔
فَالْحَمْدُ لِلّٰہِ الْعَلِیِّ ذِی الْمِنَن الْوَاھِبِ الرِّزقِ وَ دَیَّانِ الدِیَن
پس اس احسان کرنے والے بلند و برتر اللہ کی میں تعریف کرتا ہوں جو رزق عطا کرنے والا اور انصاف کرنے والا ہے ۔(2)
انصا رمیں سب سے آخر میں اسلام قبول کرنے والے عمرو بن جموحؓ تھے لیکن بعد میں آکروہ کئی پہلوں سے سبقت لے گئے ۔اور آنحضرت ﷺ اور اسلام کے ساتھ محبت میںبہت بڑھ گئے ۔ رسول کریم ﷺسے تو انہیں ایک عشق تھا۔ آپ ؐ کی ذاتی خدمات وہ بڑے شوق اور محبت سے بجا لاتے تھے ۔چنانچہ مدینہ کے ابتدائی دور ہجرت میں ہونے والی حضور ﷺ کی شادیوں کے مواقع پر دلی محبت کے ساتھ آپ اپنی طرف سے دعوت ولیمہ کا اہتمام کرتے تھے ۔اپنے نسبتی بھائی حضرت عبداللہ ؓبن عمر و کی طرح حضرت عمرو ؓبن الجموح کو بھی غیر معمولی شوق جہاد تھا۔
شہادت کی تمنا
شہادت کی تمنا آپ کے دل میں موجزن تھی۔ ایک دفعہ عمروؓ بن جموح آنحضرت ؐ کی خدمت میں حاضر ہوئے پائوںمیں تکلیف کی وجہ سے وہ لنگڑا کر چلا کرتے تھے مگر دل جوان تھا جس میں شہادت کی تمنائیں ہروقت مچلتی رہتی تھیں۔ عرض کیا’’ یارسولؐ اللہ اگر میں خدا تعالیٰ کی راہ میں جہاد کرتے ہوئے شہید کیاجائوں توکیا میں اپنے اس لنگڑے پائوں کے ساتھ جنت میں داخل ہوجائوں گا؟‘‘آنحضرت ؐنے فرمایا ’’ ہاں میں یہ امید کرتاہوں کہ تمھیں اللہ تعالیٰ جنت میں مقام عطا فرمائے گا۔‘‘پھر احد کے دن یہ شہید ہوگئے۔ ان کے نسبتی بھائی عبد اللہ بن عمروؓ اور ان کے ایک آزاد کردہ غلام نے بھی جام شہادت نوش کیا۔آنحضرت ؐ جب عمر ؓوکی نعش کے پاس سے گذرے تو فرمایا اے عمرؓو میں تجھے جنت میں اپنے صحیح پائو ں کے ساتھ چلتے ہوئے دیکھ رہاہوں ۔پس حضرت عمرو ؓ نے اپنی جسمانی معذوری کے باوجود قربانی کا ایک عجیب نمونہ بعد میں آنے والوں کیلئے چھوڑا۔ قرآن شریف میں معذوروں کیلئے جہاد سے رخصت ہے مگر عمرؓو آنحضرت ؐ سے بار بار عرض کرکے جہاد میں شامل ہونے کی اجازت لے رہے تھے۔بیٹے معذوری کی وجہ سے روکتے تھے مگر یہ کہتے کہ نہیں میں اس جہاد میں شامل ہونا چاہتا ہوں۔ یہ وہ سچاجذبہ ہے جہاد کا جو آج بھی ہر دل میںموجزن ہونا چاہیے۔ چنانچہ جب بدر کے موقع پر حضور ؐنے جہاد کی تحریک فرمائی تو عمر وؓکے پائوں میں تکلیف کی وجہ سے ان کے بیٹوں نے انہیں جنگ میں شامل ہونے سے روک دیا۔پھر جب احد کا موقع آیا توعمرؓو اپنے بیٹوں کو کہنے لگے کہ تم لوگوں نے مجھے بدر میں بھی شامل نہیں ہونے دیا تھا۔ احدکا موقع آیا ہے تم مجھے نہیںروک سکتے میںلازماً جائوں گا اور احدمیں شامل ہوں گا۔اولاد نے والد کی معذوری کے حوالے سے روکنا چاہا تو کہنے لگے۔ میں خودحضور ؐ سے اس کی اجازت لے لوں گا۔ چنانچہ وہ حضور ؐ کی خدمت میں حاضر ہوئے اورعرض کیا میرے بیٹے اس دفعہ پھر مجھے جہادسے روکنا چاہتے ہیں ۔اور میں آپ کے ساتھ اس جہاد میں شامل ہونا چاہتا ہوں۔ خدا کی قسم میں امید رکھتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ میری دلی مراد قبول کرے گا اور مجھے شہادت عطا فرمائے گااور میں اپنے اسی لنگڑے پائوں کے ساتھ جنت میں داخل ہوجائوں گا۔ آنحضرت ﷺ نے فرمایا کہ اے عمروؓ ! بے شک اللہ تعالیٰ کوآپ کی معذوری قبول ہے اورجہادتم پر فرض نہیں لیکن ان کے بیٹوں سے فرمایا کہ تم ان کو نیک کام سے روکو نہیں ،ان کی دلی تمنائیں اگر ایسی ہیں تو پورا کرنے دو شاید اللہ تعالیٰ انہیں شہادت عطا فرما دے ۔چنانچہ حضرت عمر و ؓ نے اپنے ہتھیار لئے اور یہ دعا کرتے ہوئے میدان احد کی طرف روانہ ہوئے، اَللّٰھُمَّ ارزُقنِی شَہَادَۃً وَلَا تَرُدَّنِی اِلٰی اَھِلی خَائباً اے اللہ اب مجھے شہادت عطا کرنا اور مجھے اپنے گھر کی طرف ناکام و نامراد واپس لے کر نہ آنا ۔ اس دعا سے ظاہر ہے کہ صحابہ اپنی کامیابی اس بات میں جانتے تھے کہ خدا تعالیٰ کی راہ میں ان کی جان کی قربانی قبول ہوجائے اور پھر واقعۃًحضرت عمروؓ نے اپنی یہ خواہش پوری کردکھائی۔ وہ میدان احدسے زندہ واپس نہیں لوٹے۔ان کی بیوہ حضرت ہندؓ اونٹ پر انکی نعش اٹھا کر مدینہ لے آئیں۔ اسی جنگ میں حضرت ہندؓ کا بیٹا خلاؓد بھی شہید ہوا اوران کے بھائی نے بھی جام شہادت نوش کیا تھا ۔جب نعش مدینہ پہنچی تو حضور ؐ نے فرمایا کہ شہدا ء احد کو میدان احد کے اندر ہی دفن کرنا ہے، چنانچہ حضرت ہند ؓان کا جنازہ واپس میدان احدلے گئیں اور وہیں پر ہی تدفین ہوئی ۔(3)
احادیث میں حضرت عمروؓ بن جموح سے جو ایک روایت مروی ہے، اس کا تعلق بھی رضائے الٰہی سے ہے ۔گویا راضی برضارہناان کا دل پسند مضمون تھا۔وہ بیان کرتے تھے کہ میں نے آنحضرت ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا’’ ایک بندہ اس وقت کامل مومن ہوتاہے جب وہ کسی سے محبت کرے تو خدا کی خاطر اور کسی سے ناراض ہو تو خدا کی خاطر اورجب بندہ ایسا کرتا ہے تو اسے اللہ تعالیٰ کی ولایت اور دوستی عطا کی جاتی ہے۔اور اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ میرے بندوں میںسے جو میرے اولیاء اورپیارے بن جاتے ہیں تو جب وہ ان لوگوں سے ملتے ہیں جو میراذکر کرتے ہیں تو میں بھی ان کا ذکر کرتا ہوں اور میں ان کو یادرکھتا ہوں ۔‘‘(4)
رسول کریم ﷺ کی پیار کی نظر
حضرت عمر ؓو کو رسول اللہ ﷺسے بہت محبت تھی۔ رسول کریم ﷺکی شادی پروہی آپ ؐ کے ولیمہ کا انتظام کرتے تھے ۔(5)
حضرت عمر ؓوبن جموح اور حضرت عبد اللہ بن عمر و ؓ انصاری جان نثار اور وفا شعار اصحاب رسول تھے جب شہید ہوگئے تو آنحضرتؐ نے ان کی وفائوں کو خوب یاد رکھا اور فرمایا یہ دونوں بھائی دنیا میں بھی بہت محبت کیا کرتے تھے ان کو ایک ہی قبر میں دفن کردو چنانچہ احدمیںوہ دونوں ایک قبر میں دفن ہوئے (6) اور ان کی قبر یںبھی باہمی الفت و محبت کا ایک عجیب نشان بن گئیں۔روایت ہے کہ قریباً نصف صدی بعد جب سیلاب آیا اور اس کے نتیجے میں ان بزرگوں کی نعشیں زمین سے باہر نکل آئیں ۔صحابہ بیان کرتے ہیں کہ ان شہدا ء کی نعشوں کی ایک عجیب حفاظت کی شان ہم نے دیکھی کہ وہ اس حالت میں تھیں کہ ان کے اندر کوئی تغیر نہیں ہوا تھا ۔(7)اس سے پتہ چلتا ہے کہ بعض ظاہر ی نشان بھی اللہ تعالیٰ اپنے پیاروں اور اولیاء کے بارہ میں ظاہر کرتا ہے ۔
حوالہ جات
-1
اسدالغابہ جلد 4صفحہ93
-2
اسد الغابہ جلد 4صفحہ 94
-3
اسد الغابہ جلد 4صفحہ 94
-4
مسند احمد جلد 3صفحہ430
-5
اصابہ جز 2صفحہ 529
-6
مسند احمد جلد 5صفحہ 229
-7
مؤطا امام مالک کتاب الجہاد باب الدفن فی قبر واحد

حضرت ابی بن کعبؓ
نام ونسب
حضرت ابی ؓبن کعبکا تعلق انصار کے قبیلہ خزرج کی شاخ بنو نجار سے تھا ۔ ابو المنذر اور ابوالطفیل کی کنیت سے مشہور تھے۔ان کی والدہ سہیلہ بنت اسود حضرت ابو طلحہؓ انصاری کی پھوپھی تھیں۔اس لحاظ سے اُبی آنحضرت ﷺکے عاشق ابو طلحہ انصاریؓ کے پھوپھی زاد بھائی ٹھہرے۔قد درمیانہ تھا۔آخری عمر میں بال سفید ہو گئے مگر ان پر رنگ نہیں چڑھاتے تھے۔یہی یک رنگی مزاج کا بھی حصہ تھی۔ابتدائی حالات زندگی بہت کم معلوم ہوتے ہیں۔مگر اس قدر واضح ہے حضرت ابو طلحہؓ انصاری کے ہم نشین اور ہم نوالہ وہم پیالہ تھے۔
قبول اسلام
عقبہ ثانیہ کے تاریخی موقع پر انہیں آنحضرت ﷺکی بیعت میں شامل ہونے کی سعادت نصیب ہوئی۔حضور ﷺ کے مدینہ ہجرت کرنے کے بعد آپ کی صحبت میں آئے۔اس زمانہ میں عام طور پر عربوں میں لکھنے پڑھنے کا رواج نہ تھا۔مگر ابیؓ بن کعب کتابت کا فن جانتے تھے۔اس لئے روایات کے مطابق ہجرت نبوی کے بعد اہل مدینہ میں سب سے پہلے قرآن کریم کی کتابت کی سعادت انہی کوعطاہوئی۔ ان کی عدم موجودگی میں حضرت زید ؓبن ثابت یہ خدمت انجام دیا کرتے تھے۔ رسول کریم ﷺکے خطوط کی کتابت کرنے کی بھی آپ کو توفیق ملتی رہی۔(1)
مدینہ آنے کے بعد حضور ﷺنے انصار ومہاجرین میں مؤاخات کا سلسلہ جاری فرمایا۔ حضرت ابیؓ حضرت طلحہؓ بن عبید اللہ قریشی کے اسلامی بھائی بنے۔بعض روایات میں حضرت سعید ؓبن زید کا بھائی بننے کاذکر بھی آتا ہے۔
غزوات میں شرکت
حضرت ابیؓ کو غزوا ت میں بھی شرکت کا موقع ملا ۔چنانچہ بدر،خندق،اور دیگر غزوات میں بھی آپؓ شامل ہوئے۔(2)
غزوہ احزاب کے موقع پر ایک کاری زخم آپ کو لگا جس کے نتیجے میں رگ کٹ گئی۔حضور اکرمؐ نے ان کا علاج داغنے کے ذریعے کروایا اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے شفا یاب ہوئے۔(3)
قبول اسلام کے بعد فن کتابت کے ہنر کے باعث بھی آپ کوغیرمعمولی طورپرحضور اکرم ﷺ کی صحبت اور رفاقت کی نعمت عطا ہوئی۔مدینہ کے ابتدائی زمانہ میں مختلف اہم مواقع پر حضور ﷺ کی معیت کا شرف حاصل ہوتا رہا۔
قاری قرآن
آنحضرؐت کے فیض صحبت سے انہوں نے بہت کچھ سیکھا۔ سب سے بڑی سعادت قرآنِ شریف سیکھنے لکھنے اور یاد کرنے کی تھی۔ یہاں تک کہ آنحضرت ﷺ نے آپ کو بہترین قاری کی سند عطافرمائی۔حضورؐ نے مدینے میں جن چار قُرّاء سے بطور خاص قرآن شریف سیکھنے کی ہدایت مسلمانوں کو فرمائی ان میں حضرت ابی بن کعب ؓ بھی شامل تھے۔ آپ کی قرآن شریف کی قراء ت اور حفظ نہایت عمدہ تھا۔ایک موقع پرحضورؐ فجرکی نماز پڑھا رہے تھے۔حضرت ابیؓ قدرے تاخیر سے نمازمیں شامل ہوئے۔اس دوران حضور ﷺسے کوئی آیت پڑھنے سے رہ گئی مقتدیوں میں کسی کی توجہ ادھرنہ ہوئی۔ حضرت اُبی نے نماز ختم ہونے کے بعدنہایت ادب سے عرض کیا کہ اے اللہ کے رسولؐ کیا قرآن شریف کی کوئی آیت منسوخ ہوگئی ہے یا حضور ﷺ پڑھنا بھول گئے ہیں؟آپؐنے فرمایا نہیں کوئی آیت تومنسوخ نہیں ہوئی۔ میں اس کا پڑھنابھول گیا تھا۔یوں ان کا اتقانِ حفظ حضوؐر نے قبول فرمایا۔(4)
ایک دفعہ حضرت ابیؓ کی ایک شخص سے تکرار ہوگئی جو قرآن شریف کسی اورلہجہ میں پڑھتا تھا حضرت ابیّ ؓنے کہا کہ مجھے تو آنحضرت ﷺ نے اس طرح پڑھایا ہے۔ اس نے اصرارکیا کہ میں نے حضورؐ کے سامنے اسی طرح پڑھا اور حضور ﷺ نے مجھے منع نہیں فرمایا۔حضرت ابیؓ ان کو ساتھ لے کر حضورؐ کی خدمت میں حاضرہوئے اورعرض کیا یارسول اللہ ﷺ آپؐ نے مجھے فلاں آیت یوں پڑھائی ہے اور یہ صاحب کہتے ہیں کہ آپ نے ان سے دوسرے لہجے میں یہ آیت سن کر منع نہیں فرمایا۔حضورؐ نے دونوں سے قرآن کی وہ آیت سنی اورفرمایا کہ دونوں نے ٹھیک پڑھاہے۔حضرت ابیؓ نے تعجب سے عرض کیا یارسولؐ اللہ میں نے بھی ٹھیک پڑھا اور اس نے بھی ٹھیک پڑھا ہے؟ تب حضورؐ نے ابی ؓ کے سینے پر ہاتھ رکھ کر یہ دعا کی اَللّٰھُمَّ اَذھِبْ عَن اُبَیٍّ شَکًّا کہ اے اللہ ابی کے دل سے شک دور کردے۔(5)حضور ﷺ کی مراد صحت تلفظ کے بارہ میں وسوسہ کی حدتک احتیاط یا دورانِ قراء ت اس غلوّ سے تھی جو مناسب نہیں۔اسی طرح سہولت کی خاطر جو مختلف قراأتوں کی رخصت آغاز میں تھی اس سے فائدہ اٹھانے کی طرف اشارہ بھی تھا اوریہ سبق بھی کہ قرآن دنیا کی ساری قوموں کے لئے ہے جو اسے پڑھیں گے۔پس جسے جتنی بھی سہولت ہے اوراس کی زبان پر جیسے لفظ اداہوتا ہے اس کوشش سے یہ حق ادا ہو جاتا ہے تو اس میں بہت سختی جائز نہیں۔
رسولؐ اللہ سے تحصیل علم قرآن
رسول اللہ ﷺکی صحبت اورفیض کی برکت سے حضرت ابیؓ کوتعلق باللہ میں ایک خاص مقام حاصل ہوا۔ جس کا اظہار اس واقعہ سے خوب ہوتا ہے۔ ایک دفعہ آنحضرتؐ نے حضرت ابی ؓ سے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے حکم دیا ہے کہ میں سورہ بیّنہ کی تلاوت آپ کوسنائوں۔ حضرت ابیؓ حیران وششدر تھے اور خوشی سے پھولے نہ سماتے تھے۔عرض کیا یا رسول اللہ ﷺ کیا اللہ نے میرانام لے کر فرمایا ہے کہ میں آپ کو قرآن شریف کی تلاوت سنائوں۔رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ ہاں جبریلؑ نے مجھے کہا کہ آپؐ کے رب کا ارشاد ہے کہ آپ یہ سورۃ ابیؓبن کعب کو سنائیں اورملا اعلیٰ میں تمہارا ذکر اپنے نام اور نسب کے ساتھ ہوا۔کہنے لگے کیا تمام جہانوں کے رب کے حضور میرا نام لے کر ذکرہوا۔آنحضرتؐ نے فرمایاہاں اللہ نے آپ کا نام لے کر مجھے ایساہی حکم دیاہے۔حضرت ابی ؓکی آنکھوں میں خوشی کے آنسو تیرنے لگے۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے حضرت ابیؓ کو سورۂ بینہ کی تلاوت سنائی۔(6 )
ترمذی کی روایت سے مزید یہ اشارہ ملتا ہے کہ رسول کریم ﷺ کو حضرت ابیؓ کے سامنے بطور خاص سورۃ بینہ پڑھ کر سنانے میں حکمت دراصل اس کے بعض اہم مضامین کی طرف ان کو توجہ دلانا تھی۔ چنانچہ حضورؐ نے انہیں سورۂ بینہ سناتے ہوئے بعض جگہ رک کر کچھ زائد کلمات بطور تفسیربھی ارشاد فرمائے۔جیسے یہ جملہ کہ’’ اب اللہ کے نزدیک اصل دین یہودیت، عیسائیت اور مجوسیت نہیں بلکہ موحد دین اسلام ہے۔‘‘آیت 7میں الفاظ’’دین القیمہ ‘‘کی تفسیر معلوم ہوتاہے، اسی طرح آیت 10,9میں عمل صالح کرنے والوں کی جزاکا ذکر ہے اس کی تفسیر میں فرمایا کہ جو شخص بھی نیکی کرے گا اس کی ناقدری نہ کی جائے گی۔ اور آخری آیت میں اپنے رب کی خشیئت اختیار کرنے کا ذکر تھا جس میں دنیا داری اور مال روک بن سکتاہے ۔ اس کی تفسیر میں فرمایا’’ اگر ابن آدم کے لئے مال کی ایک وادی ہوتو وہ اس کے ساتھ دوسری وادی چاہے گا اوراگردوسری وادی مل جائے تو تیسری کا تقاضا کرے گا۔اور ابن آدم کا پیٹ سوائے مٹی کے کوئی چیز نہیں بھرتی اور اللہ تعالیٰ اس پر رجوع برحمت ہوتا اورتوبہ قبول کرتا ہے جو خود جھکتا اور خشیت اختیارکرتا ہے۔‘‘(7)پس یہ رسولؐاللہ کی بر محل تفسیر کا بیان تھا نہ کہ سورۃ بیّنہ میں کوئی اضافہ جوبعد میں منسوخ ہوگیا جیساکہ بعض لوگ غلط فہمی سے یہ خیال کرتے ہیں۔
آپؓ کے ایک شاگرد عبدالرحمن کہتے تھے کہ میں نے اُبیؓ سے عرض کیا کہ یہ بات سن کر تو آپ بہت خوش ہوئے ہونگے۔حضرت اُبیؓ نے کہا کہ توکیا مجھے خوش نہیں ہوناچاہیے تھا؟ جبکہ قرآن شریف میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے(یونس:59)اللہ کے فضل اور اس کی رحمتوں کو یادکرکے خوش ہواکرو اور اتنے بڑے فضل الہٰی اور رحمت خداوندی پر کہ بارگاہ الہٰی میں میرا ذکرہوا میں کیونکرخوش نہ ہوں۔(8)
یہ سعادت بھی حضرت ابی ؓ کوعطاہوئی کہ حضوؐرعلمی لحاظ سے ان کی تربیت کے ساتھ ان کا امتحان بھی کرتے رہتے تھے۔چنانچہ ایک موقع پر حضورؐ نے حضرت ابی ؓ سے پوچھا کہ قرآن شریف کی کونسی آیت ایسی ہے جسے سب سے عظیم کہاجانا چاہیے؟ حضرت اُبیؓ نے کمال ادب سے عرض کیا اللہ اور اس کا رسولؐ ہی بہتر جانتے ہیں۔ مگر جب حضورؐ نے اصرار سے پوچھا تو حضرت ابیؓ نے عرض کیا یارسولؐ اللہ آیت الکرسی ایسی آیت ہے جسے قرآن کریم کی عظیم آیت کہنا چاہیے۔آنحضور ﷺ نے حضرت ابیؓ کو اس موقع پردرباررسالت سے سند علم عطاکرتے ہوئے فرمایا کہ اے ابیؓ!اللہ تیرا علم مبارک کرے۔واقعۃًآیت الکرسی ہی قرآن کی عظیم آیت ہے۔اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے۔یہ وہ آیت ہے جو اللہ تعالیٰ کی بادشاہت ،قدوسیت اس کی شان اور عظمت بیان کرتی ہے۔آپؐ نے فرمایا گویا اس سورت کی زبان اور ہونٹ ہیں جن سے اُس خالق کائنات کی تقدیس اورعظمت بیان کرتی ہے۔حضرت ابیؓکی ایک روایت سے پتہ چلتا ہے کہ رسول کریمؐ نے اپنی وفات کے سال ان کے ساتھ سارے قرآن کا دور کیا اور فرمایا کہ ’’جبریلؑ نے مجھے کہا ہے کہ میں سارا قرآن آپ کو سنائوں اور وہ آپ کو سلام کہتے ہیں۔‘‘ یہی وجہ ہے کہ حضرت ابیؓحضرت عمرؓ سے کہا کرتے تھے کہ میں نے اس سے قرآن سیکھا جس نے جبریلؑ سے تازہ بتازہ قرآن سیکھا۔ (9)
اطاعت رسولؐ
نبی کریم ﷺکو حضرت ابیؓ کے ساتھ جومحبت تھی اس کا اظہار اس واقعہ سے خوب ظاہر ہے۔ آنحضورؐ حضرت ابیؓکے گھر تشریف لے گئے اور انہیں آوازدی۔ حضرت اُبیؓ اُس وقت نماز میں مصروف تھے۔حضور ﷺکی آواز سنتے ہی نماز مختصرکی اور سلام پھیر کر حضورؐ کی خدمت میں حاضر ہوگئے۔آنحضرت ﷺنے تاخیر سے آنے کی وجہ پوچھی تو عرض کیا ’’یا رسول اللہ ﷺ!میں نمازمیں تھا۔حضور ﷺ کی آوازسنتے ہی نمازمختصرکرکے آپؐ کی خدمت میں حاضرہوگیا ہوں۔‘‘ آپؐ نے فرمایا کہ کیا تم نے قرآن میں یہ نہیں پڑھا کہ ْ (الانفال :25)کہ اے مومنو اللہ اور اس کا رسول جب تمہیں بلائیں تو لبیک کہتے ہوئے اس کی خدمت میں حاضرہوجایاکرو۔ اس لئے جب میں نے تمہیں آوازدی تو چاہیے تھا کہ نماز چھوڑ کر لبیک کہتے ہوئے حاضرہوجاتے۔حضرت ابیؓ نے عرض کیا ’’یارسولؐ اللہ یہ غلطی معاف ہو آئندہ انشاء اللہ ایسا نہ ہوگا۔‘‘پھر حضور ﷺ نے ازراہ شفقت فرمایا ’’اے اُبیؓ! کیا میں تمہیں ایک ایسی سورۃ نہ سکھائوں جو توریت،انجیل اور زبور میں بھی موجود نہیں، نہ ہی خودفرقان مجیدمیں ایسی کوئی سورۃ موجود ہے اور وہ سورۃ فاتحہ ہے۔ یہ وہ سات آیات ہیں جو اپنے مضامین اور معانی کے لحاظ سے قرآن عظیم کہلانے کی مستحق ہے۔(10)
عالم باعمل
حضرت ابیؓ بن کعب ایک عالم باعمل انسان تھے۔نہایت التزام کے ساتھ پنجگانہ نمازیں آنحضرت ﷺ کے ساتھ ادا کیا کرتے تھے۔ایک روز نمازفجر کے بعد کا ذکرکرتے ہیں آنحضرت ؐ نے نماز سے غیرحاضرلوگوں کے بارے میں پوچھا کہ کیافلاں فلاں شخص نماز پرآئے ہیں؟ عرض کیا گیا وہ حاضرنہیں ہیں۔ آپؐ نے فرمایا دو نمازیں فجراورعشاء منافقوں پربہت بھاری ہیں اور اگر ان کو علم ہو کہ ان نمازوں کا کتنازیادہ ثواب ہے تو وہ ضروران نمازوں میں حاضرہوں۔خواہ انہیں اپنے گھٹنوںکے بل آناپڑے۔(11)
ایک دفعہ ایک شخص نے حضرت ابیؓ سے سوال کیا کہ ہمیں دوران سفرایک چابُک ملا ہے۔اس کا کیا کریں؟ حضرت ابیؓ بن کعب نے کیا خوب جواب دیا کہ یہ تو ایک کوڑا ہے۔مجھے ایک دفعہ سو دینار ملے تھے اور میں نے حضور ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوکر عرض کیا یا رسول اللہ ﷺ یہ ایک گم شدہ چیز ہے ملی ہے ۔آنحضورؐ نے فرمایا کہ ایک سال تک اعلان کرتے رہو کہ جس کسی کے ہوں وہ لے لے۔ ایک سال تک اعلان کے باوجود جب کوئی مالک نہ آیا تو میں وہ دینارلے کر حضوؐر کی خدمت میں دوبارہ حاضرہوا۔حضور ﷺ نے فرمایاکہ ایک سال اور اعلان کرو۔ چنانچہ مزید ایک سال اعلان کرکے پھرتیسری مرتبہ حضوؐر کی خدمت میں حاضرہوا اور عرض کیا یارسول اللہ ﷺ دوسرے سال بھی اعلان کے بعد اس کا کوئی مالک نہیں آیا۔فرمایا ایک سال اور اعلان کرو۔تیسرے سال اعلان کے بعد بھی جب کوئی نہیں آیا تو انہوں نے آنحضور ﷺسے چوتھی مرتبہ پوچھا۔ آپؐنے فرمایا’’ اب بیشک یہ دینار اپنے استعمال میں لے آئو۔‘‘ یوںحضرت ابیؓ نے سائل کو اپنے عملی نمونہ سے بتایا کہ اس واقعہ سے سبق حاصل کرو۔(12)
حضرت ابیّ ؓبن کعب جو خود بھی پنجگانہ نمازوں کا خاص التزام رکھتے تھے یہ واقعہ بھی بیان کرتے تھے کہ ایک صحابی مسجدنبوی سے دور مدینہ کے کنارے پر رہتے تھے لیکن جذبہ و اخلاص ایسا تھا کہ آنحضرت ﷺ کے پیچھے نماز پڑھنے کے شوق میں پانچوں نمازیں مسجد نبوی میں آکر اداکرتے تھے۔ شدیدگرمی ہو یا شدید سردی وہ طویل فاصلہ پیدل طے کرکے نماز کیلئے حاضر ہوتے۔مجھے ان کی حالت پر ترس آتا۔ایک دفعہ میں نے ان سے کہا کہ آپ کوئی سواری گدھاوغیرہ ہی خرید لیتے جس سے پیدل چلنے کی مشکل آسان ہوجاتی۔ اس صحابی نے بھی کیا خوب جواب دیا کہ میری تو یہ تمنا ہے کہ مسجد آتے جاتے میرا ہرقدم اجروثواب کا موجب ہوجائے۔آنحضرت ﷺکو جب اس شخص کی نیک خواہش کا علم ہوا تو فرمایا’’ اس شخص کی پرخلوص نیت قبول فرماتے ہوئے اللہ تعالیٰ نے اس کااجرو ثواب اس کے حصے میں جمع کردیا ہے۔‘‘
مستجاب الدعوات
حضرت ابی ؓ بن کعب دعا گو انسان تھے ۔ حضرت عمرؓ بیان کرتے تھے کہ ایک دفعہ ہم ایک سفر میں حضرت ابی ؓ کے ساتھ قافلہ کے آخر میں تھے کہ بادل امڈ آئے، حضرت ابیؓ نے دعا کی کہ اے اللہ! اس بادل اور بارش کی اذیت سے ہمیں محفوظ رکھنا۔آگے گئے تو قافلہ کے اگلے حصے کے کپڑے اورپالان بارش سے بھیگ چکے تھے انہوں نے ہم سے پوچھا کہ تمہارے کپڑے خشک ہیں اس کی کیا وجہ ہے؟میں نے کہا حضرت ابیؓ کی دعا کی برکت سے اور تم نے بھی ہمارے ساتھ دعا کی ہوتی تو اس کی برکت سے فائدہ حاصل کرتے۔
ایک دفعہ حضرت ابیؓ نے رسول اللہ ﷺسے عرض کیا کہ بخار وغیرہ تکلیف کے آنے پر مومن کو کیا جزاملتی ہے فرمایا نیکیوں کی صورت میں بدلہ ملتا ہے ۔حضرت ابیؓ نے دعا کی کہ اے اللہ!مجھے ایسا بخار دے دے جو تیری راہ میں جہاد اور بیت اللہ اور مسجد جانے سے روک نہ بنے۔ چنانچہ حضرت ابیؓ کو ہمیشہ بخار رہتا تھا۔ (13)
عشق رسول ﷺ
حضرت ابیؓ رسول اللہ ﷺکے عاشق صادق تھے۔ وہ بیان کرتے ہیںکہ آنحضرت ﷺ متنبہ کرنے والی آواز اور بڑے دل ہلادینے والے جملے سے ہمیں رات کو تہجد کے لئے بیدار کیا کرتے اور فرماتے تھے ’’دیکھو !ایک لرزہ پیدا کردینے والی گھڑی آیاچاہتی ہے۔ موت سرپر کھڑی ہے اُٹھو اور اپنے رب کی بندگی بجالائو۔اللہ کو یادکرو‘‘ تب ہم اُٹھ کر نماز تہجد اداکرتے ۔(14)
ایک دفعہ حضرت ابی ؓنے رسولؐ اللہ سے ایک عجیب عاشقانہ رنگ میں پوچھایارسول اللہ ﷺ! میں جب بھی دعاکرتاہوں تو میرادل کرتا ہے کہ میں زیادہ سے زیادہ آپ کی ذات پر درود بھیجوں۔ اگردعا کا چوتھاحصہ میں درود پڑھاکروں تو کیا مناسب ہوگا؟حضورؐ نے فرمایا جتنا تمہارا جی چاہے درودپڑھو۔چاہو اس سے زیادہ بھی پڑھ سکتے ہو۔حضرت ابیؓ نے حوصلہ پاکرعرض کیا یا رسولؐ اللہ اگر اپنی دعا سے آدھا وقت درود پڑھوں تو کیا یہ مناسب ہوگا۔حضورؐ نے فرمایا ’’جتنا چاہوپڑھو۔اس سے زیادہ پڑھ لوتواوراچھاہے۔ابیؓ نے عرض کیا یا رسول اللہ ﷺ اگر میں دعا میں دوتہائی حصہ درود شریف میں گذاردوں تو کیسا ہے؟ فرمایا جتنا چاہوپڑھو اورچاہو تواس سے بھی زیادہ پڑھ سکتے ہو۔تب حضرت ابیؓ کے دل کی تمنا ان کی زبان پر آگئی عرض کیا یا رسولؐ اللہ میراتودل کرتا ہے کہ میں اپنی دعا میں صرف درود ہی پڑھتا رہوں۔حضورؐ نے فرمایا ’’اگرتم اپنی دعا کا زیادہ وقت درود میں گزاروگے تو اللہ تعالیٰ تمہارے ہمّ وغم کا خود متکفل ہوجائے گا ۔ تمہارے تمام گناہ بخشے جائیں گے اور یہ بات خدا کے حضور تمہارے لئے بلندیٔ درجات کا موجب ہوگی۔‘‘(15)
حضرت ابیؓ بن کعب کو قرآن شریف سے بھی بہت محبت تھی۔روایات میں آتا ہے آپ ایک ہفتہ میں قرآن شریف کا دورمکمل کرلیاکرتے تھے ۔(16)
علم قرآن
ایک موقع پر حضرت ابیؓنے حضرت عمرؓ سے عرض کیا کہ آپ جانتے ہیں کہ جب آپ موجود نہیں ہوتے تھے۔میں رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوکر اکتساب علم کرتا تھا۔ حضرت عمرؓ نے فرمایا اللہ نے آپ کو علم عطا فرمایا ہے پس آپ لوگوں کو علم سکھایاکریں۔چنانچہ آپ باوجود اپنی مصروفیات عبادت کے لوگوں کی تعلیم کی خاطر وقت نکالا کرتے تھے۔
حضرت ابیؓ کی قرأت رسمی نہیں ہوتی تھی بلکہ آپ گہری نظراور تدبر سے قرآن شریف پڑھتے تھے۔ایک دفعہ ایک شخص نے آپ سے سوال کیا کہ قرآن شریف کی آیت (الاحزاب:53) یعنی اس کے اور تیرے لئے اورعورتیںجائز نہیں اور نہ یہ کہ ان کے بدلے تو اور بیویاں کرلے۔کے مطابق آنحضرؐت کو اپنی موجود بیویوں کے علاوہ کسی اور سے نکاح کی اجازت نہیں تھی۔ اگر حضورؐ کی یہ ازواج مطہرات آپؐ کی زندگی میں فوت ہوجاتیںتو کیا پھر بھی یہ ممانعت قائم رہتی۔ حضرت ابیؓ نے جواب دیا کہ قرآن شریف کی ایک اور آیت کے مطابق آنحضوؐرکو اس صورت میں نکاح کا حق حاصل تھا۔حضرت ابی بن کعبؓ کی نظرغالباً اُس آیت پر ہوگی (الاحزاب:51)
یعنی اگر کوئی عورت اپنے آپ کو نبی کے لئے ھبہ کردے اور نبی اس سے نکاح کرنا چاہے تو کرسکتا ہے۔یہ اجازت عام مومنوں کے لئے نہیں صرف نبی کیلئے خاص ہے۔(17)
سورۃ سجدہ کی آیت ہے (السجدہ:22)۔یعنی ہم ان کو قریب کا عذاب چکھائیں گے بڑے عذاب سے پہلے۔ اس کی تفسیرحضرت ابیؓ یہ کرتے تھے کہ قریب کے عذاب سے مراد دنیا کے مصائب ہیں جو اس دنیا میں ان پر وارد ہوتے ہیں۔(18)
امانت ودیانت
حضرت ابیؓ صدق اور راستی پر قائم اپنے عہدوں اور امانتوں کے حق ادا کرنے والے تھے۔آنحضرت ﷺنے ایک موقع پر آپ کو محصّل زکوٰۃ مقررفرماکر مدینہ کے نواحی قبائل بنی عُذرہ اور بنی سعد میں بھجوایا۔حضرت ابیؓ بیان کرتے ہیں کہ میں نے وہاں جاکر زکوٰۃ وصول کی۔واپسی پر مدینہ کے قریب ایک ایسے مخلص مسلمان سے واسطہ پڑا جس کے تمام اونٹوں پر ایک یک سالہ اونٹنی زکوٰۃ میں بنتی تھی۔ میں نے اس سے کہا کہ یک سالہ اونٹنی دے دو۔اُس نے کہا آپ یک سالہ اونٹنی لے کر کیا کروگے؟ نہ تو اس پر سوار ہواجائے نہ بوجھ لادا جائے۔ میں آپ کوزکوٰۃ میں بڑی عمر کی بہتر اونٹنی دے دیتا ہوںجو کسی کام بھی آئے۔حضرت ابیؓ بن کعب جو آنحضرتؐ کے تربیت یافتہ تھے۔کہنے لگے میں تو محض ایک امین ہوں۔ مجھ سے یہ نہ ہوگا۔ادھر وہ مخلص بھی اپنے اخلاص اورقربانی پر مُصرتھا۔ انہوں نے کہا کہ پھر تم خود آکر حضورؐ کی خدمت میں اونٹنی پیش کردو۔ میں توحق کے مطابق ہی لو ں گا۔ چنانچہ وہ صحابی حضوؐر کی خدمت میں حاضرہوئے اور عرض کیایارسول اللہؐ یہ آپ کا محصّل ہمارے پاس آیا۔ میں اپنے حق سے بڑھ کرزکوۃ دیناچاہتاتھا مگر انہوں نے قبول نہیں کی۔ حضورؐان کی قربانی پر خوش ہوئے۔اور فرمایا ’’اگرآپ خوش دلی سے ایساکرنا چاہتے ہو تواللہ تعالیٰ تمہیں اس کا بہت زیادہ اجر عطا فرمائے گا‘‘اوراسطرح حضوؐر نے ان کی یہ قربانی قبول فرمائی۔(19)
حضرت ابیؓ بن کعب ایک بلند پایہ عالم انسان تھے۔ کئی صحابہ ان سے احادیث روایت کرتے ہیں۔ ان روایات کے تنّوع سے حضرت ابی ؓکا بلند علمی ذوق خوب ظاہرہوتا ہے۔ مثلاً دجال کے بارے میں حضرت ابیؓ بن کعب کی یہ روایت کہ اس کی ایک آنکھ بہت تیز روشن ہوگی مصفّٰے آئینہ کی طرح۔ یوںدجال کی بائیں آنکھ(یعنی دنیاوی بصیرت) کا تیز ہونا اور دنیا داری میں اس کی ہوشیاری اور دین کے لحاظ سے دائیں آنکھ سے محرومی کے مضمون کی طرف ابیؓ بن کعب نے اشارہ کردیا۔(20)
ختم نبوت کا مضمون بھی حضرت ابیؓ نے ایک روایت میں بیان کیا ہے کہ حضرت خاتم الانبیاؐء ؐپریہ نعمت نبوت جس طرح کمال اور اتمام کو پہنچی اسے خودآنحضرت ؐ نے ایک خوبصورت مثال میں یوں بیان فرمایاکہ’’ نبیوں میں میری مثال اس شخص کی طرح ہے جس نے ایک خوبصورت گھر بنایا مگر ایک اینٹ کی جگہ اس میں خالی چھوڑ دی۔ لوگ اس محل کا حسن دیکھ کر عش عش کرتے تھے۔مگر ایک اینٹ کی خالی جگہ دیکھ کر کہتے تھے کہ کاش یہ بھی مکمل ہو جاتی۔پھر حضوؐر فرماتے تھے فَاَنَا فِی النَّبِیّینَ مَوضِعُ ھٰذِہِ الَّلِبَنَۃِ کہ میں نبیوں کی عمارت میں اس اینٹ کی طرح ہوں۔‘‘(21)یعنی میں نے شریعت کی عمارت کو مکمل کردیا۔یہ ہے مقام ختم نبوت کہ شریعت کی وہ عمارت جو ہنوز نا مکمل تھی۔ حضور اکرم ؐ کے آنے سے مکمل ہوگئی اب کسی شرعی نبی کی ضرورت باقی نہیں رہی۔لیکن اس عمارت شریعت کی آبادی اور صفائی ستھرائی کے لئے خلافت راشدہ کا سلسلہ شروع ہوا۔ امت میں ہر صدی پر مجددین اورا ٓخری زمانہ میں مسیح ومہدی کی خبر دی گئی۔چنانچہ علامہ ابن حجر نے بھی اس حدیث کی تشریح میں یہی لکھا ہے کہ تکمیل عمارت شریعت کی اس مثال میں دراصل شریعت کے کمال کا مضمون بیان ہوا ہے کہ شریعت محمدیہ ما قبل شرائع کی نسبت کامل بلکہ اکمل ہے۔رسولؐ اللہ کی فضیلت کا یہ مضمون حضرت ابیّؓ بن کعب ایک اور حدیث سے یوں بیان کرتے تھے کہ رسولؐ اللہ نے فرمایا کہ’’ میں قیامت کے دن لوگوں کا امام، ان کا خطیب اور شفاعت کرنے والا ہوں گا مگر یہ کوئی فخر کی بات نہیں۔یہ تو اللہ تعالیٰ کا ایک انعام اور اس کی عطا ہے۔‘‘(22)
حضرت ابیؓ بن کعب صوفی المشرب انسان تھے۔ آپ حدیث ’’حنانہ‘‘ کے بھی راوی ہیں۔ یعنی کھجورکے اس تنے کے رونے کا واقعہ جس کے ساتھ کھڑے ہوکر حضورؐوعظ فرمایاکرتے تھے۔ جب منبررسولؐ تیارہوگیا اوراس پرکھڑے ہوکر حضور ﷺنے خطبۂ دیناشروع کیاتو اُس تنے سے رونے کی آوازسنائی دی۔آنحضرت ﷺنے تنے کے قریب جاکر اس پر ہاتھ پھیرا اورفرمایا ’’سکینت اختیارکرو‘‘۔ فلاسفر اس واقعہ کو ظاہری سمجھ کر انکارکربیٹھتے ہیں حالانکہ یہ ایک کشفی نظارہ تھا۔اس تمثیلی واقعہ سے صحابۂ کو اشارۃً رسول اللہ ﷺ کی جدائی کے لئے تیارکرنا اور آپ کی صحبت سے بھر پور استفادہ کی طرف توجہ دلانی مقصود تھی۔
چنانچہ حضرت ابیّ ؓیہ روایت اس طرح بیان کرتے تھے کہ آنحضرت ﷺنے فرمایا ’’یہ تنا میری جدائی سے غمگین ہوکررونے لگ گیا ہے اور میں نے اسے تسکین دی اور کہا کہ اگرتم چاہو تو تمہیں جنت میں گاڑدیا جائے اور تمہیں دوام نصیب ہوجائے۔اگرچاہوتو یہ کٹا ہوا تنا پھرسے ہرا کردیا جائے مگر اس تنے نے جنت کو اختیارکیا۔‘‘(23)
اس خوبصورت تمثیل میں صحابہ رسول ؐکو یہ سمجھایا گیا تھا کہ آج رسول اللہ ﷺ نے محض تنے سے منبر کی جگہ تبدیل کی ہے۔ مگر ایک وقت آنے والا ہے کہ جب آپ اس دنیا سے آنکھیں بند کرکے اپنے صحابہ سے بھی جدا ہونگے مگر یہ جدائی بھی عارضی ہوگی اورآخرت میں پھر آپ کے سچے غلام آپ کے ساتھ اکٹھے ہوجائیں گے۔حضورؐ کی جب وفات ہوئی تو یہ تنا رسول اللہ ﷺکے عاشق صادق حضرت ابیّؓ کے سپردکیاگیا اور ان کے پاس رہایہاں تک کہ دیمک لگنے سے ضائع ہوگیا۔
خدمت جمع قرآن
حضرت ابوبکرؓ کے زمانہ خلافت میں حضرت ابیّؓ بن کعب اورحضرت زیدؓ کودیگر دو انصاری اصحاب رسولؐکے ساتھ قرآن شریف جمع کرنے کی توفیق عطا ہوئی۔(24)
حضرت ابیؓ قرآن شریف لکھوایا کرتے تھے۔اور کاتب حسب قاعدہ ہر آیت کے دو تحریری ثبوت لے کر اسے قرآن میں اپنے موقع پر جمع وترتیب کرتے۔سورۃ توبہ کی آخری دو آیتوں کے بارے میں کچھ دقت پیش آئی۔حضرت ابیّؓ نے گواہی دی کہ مجھے یاد ہے کہ حضوؐر نے مجھے یہ آیات خود پڑھائی تھیں اور یہ سورۃ براء ۃ کا حصہ ہیں۔ چنانچہ ان کے لئے دو تحریری گواہیوں کی تلاش شروع کی گئی۔حضرت ابیؓ کے بہترین قاری قرار دینے کی سند رسولؐ پر مزید مہر تصدیق ثبت ہوگئی جب تحقیق وتفتیش کی گئی تو یہ دونوں آیات لکھی ہوئی اس صحابی کے پاس مل گئیں جس کی گواہی کو رسول اللہ ﷺ نے دو کے برابر قرار دیا تھا۔ یوں حفاظت قرآن کے سلسلے میں حضرت ابیؓ نے بہترین قاری ہونے کا حق ادا کر کے دکھادیا۔(25)
حضرت عمر ؓ کے زمانے میںبھی حضرت ابیّؓ کو علمی خدمات کی توفیق عطا ہوتی رہی۔ علمی مرتبہ کی وجہ سے حضرت عمر ؓان کا بہت اعزاز فرماتے تھے۔چنانچہ ابو نضرہ بیان کرتے ہیں کہ ہمارے قبیلے کا ایک شخص جابر حضرت عمر ؓ کی خدمت میں کسی حاجت کے لئے حاضر ہوا۔ وہاں دیکھا کہ ایک بزرگ سفید ریش سفید لباس پہنے حضرت عمرؓ کے دربار میں موجود ہے۔ میں نے اس کے سامنے اپنی فصاحت و بلاغت کے جوہر دکھاتے ہوئے دنیا کو حقیر کرکے پیش کیا تو انہوں نے فلسفہ دنیا و آخرت بیان کرتے ہوئے کہا یہ دنیا توشہ آخرت بھی توہے جہاں ہمیں ان اعمال کی توفیق ملتی ہے جن کا آخرت میں بدلہ دیا جائے گا۔ کہتے ہیں کہ میں نے حضرت عمرؓ سے عرض کیا کہ اے امیر المومنین آپ کے پہلو میں یہ کون ہے؟جومجھ سے بہتر مضمون دنیا کے بارہ میں بیان کر رہا ہے ۔حضرت عمرؓنے فرمایا یہ مسلمانوں کے سردار ابی ؓ بن کعب ہیں۔(26)
حضرت عمر ؓ نے اپنے زمانے میں حضرت ابیؓ کو مسجد نبوی میں نماز تراویح کا امام مقرر فرمایا۔ آپ نے دیکھا کہ لوگ رمضان کی راتوں میں تنہا یا الگ الگ ٹولیوں کی شکل میں نماز میںقرآن پڑھتے ہیں۔آپ نے مرکزی نظام کے تحت نماز تراویح کا سلسلہ شروع فرمایا۔ حضرت عمرؓ فرمایا کرتے تھے یہ طریق پہلے کی نسبت کتنا عمدہ ہے کہ بجائے ٹولیوں میں قرآن پڑھنے کے لوگ ابیؓ بن کعب جسے عمدہ اور بہترین قاری کے پیچھے قرآن سنتے ہیں۔(27)
حضرت ابیّ ؓبن کعب جیسے عالم سے لوگ علم سیکھنے کے لئے آتے تھے اور طرح طرح کے الٹے سیدھے سوال بھی کیا کرتے ہیں۔ آپ حد درجہ سیدھی اور صاف بات کہنے کے عادی تھے جو بعض دفعہ تلخ معلوم ہوتی تھی۔چنانچہ ایک دفعہ آپ کے ایک شاگرد زِرّبن حُبیش نے کہا کہ مجھ سے نرمی کیجیئے۔ میں آپ سے کچھ علم سیکھنا چاہتا ہوں۔ حضرت ابیّ ؓنے کہا مجھے پتہ ہے تم چاہتے ہو کہ مجھ سے قرآن کی ہر آیت کے بارے میں پوچھو اور سوال کرو۔ پھر واقعی زِرّ نے کچھ ایسے ہی سوال کئے کہ فلاں صحابی تولیلۃ القدر کے بارے میں یہ کہتے ہیں آپ کی کیا رائے ہے؟حضرت ابیّ ؓ بن کعب نے نہایت حکمت سے جواب دیاکہ حضرت عبداللہ ؓبن مسعود جو یہ کہتے ہیں کہ سارے سال عبادت کرو تو لیلۃ القدر ملے گی ان کا مطلب یہ ہے کہ تم سارا سال عبادت چھوڑ کر محض کسی ایک رات پر انحصار نہ کر بیٹھوورنہ یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ رمضان کی طاق راتوں میں ایک رات لیلۃ القدر بھی ہوتی ہے جو ہم نے خود27 رمضان کو پائی۔ (28) یوں اس عالم باعمل نے اپنے ذاتی تجربہ سے یہ مسئلہ حل کر دیا ۔
حضرت ابیّ ؓکی خشیّت کا یہ عالم تھا کہ ایک دفعہ رسول کریم ﷺ سے سوال کیا کہ ہمیں یا ہمارے مال کوجو بیماریاں یا نقصان پہنچتے ہیں ان کا کیا سبب ہے؟ آپؐ نے فرمایا یہ گناہوں کو دور کرنے کے لئے ہیں۔ ابیّؓ بن کعب نے عرض کیا خواہ چھوٹی سی بیماری ہو آپؐ نے فرمایا خواہ کانٹا ہی چبھے یا اس سے بھی کم تکلیف ہو۔ اس پر ابیّؓ نے یہ دعا کی کہ انہیں بخارموت تک نہ چھوڑے مگر ایسانہ ہو کہ حج وعمرہ یا جہاد اور فرض نماز با جماعت کی ادائیگی سے ر وک دے۔ چنانچہ انہیں مسلسل بخاررہتا تھا اور جب بھی کوئی ان کا جسم چھوئے حرارت محسوس ہوتی تھی۔ اور یہ حالت وفات تک رہی۔(29)
حضرت عمرؓ کے زمانہ میں آپ کوعلمی خدمات کی توفیق ملتی رہی۔ ایک دفعہ حضرت عمرؓ سے بے تکلفی سے پوچھا کہ آپ نے مجھے امیر مقرر نہیں کیا؟حضرت عمرؓ نے فرمایا مجھے پسند نہیں کہ آپ کا دین آلودہ ہو۔(30)
آیت الرجم کا مسئلہ
جس طرح ہر ماہر شخص کے لئے بشری غلطی یا نسیان کا امکان ہوتاہے اسی طرح حضرت ابیّؓ کے ماہر قاری ہونے کے باوجود خلیفۃ المسلمین حضرت عمرؓ نے ان کا یہ موقف قبول نہیں فرمایا کہ رجم کی آیت قرآن میں شامل تھی۔چنانچہ حضرت عمرؓ فرمایا کرتے تھے کہ بے شک ہم میں سے بہتری قاری ابیؓ ہیں، لیکن ہمیں ابیّ کا یہ موقف تسلیم نہیں کہ انہوں نے ایک دفعہ رسول ؐاللہ کے منہ سے جو سن لیا اسے کبھی نہیں چھوڑیں گے خواہ اس کے بعد اور وحی اتری ہو۔حالانکہ اللہ فرماتا ہے(البقرۃ:107) یعنی ہم کوئی آیت منسوخ نہیں کرتے نہ ہی اسے بھلاتے ہیں مگر اس ے بہتر لے کر آتے ہیں۔(31)
حضرت عمرؓ کا یہ فیصلہ دراصل ان قرآنی آیات کی تفسیر ہے کہ قرآن کی حفاظت کا خود اللہ کی ذات نے ذمہ اُٹھایا ہے۔ کسی آیت کی منسوخی کے بعد بہتر لانے کے مضمون میں دراصل توریت کی آیت رجم کی طرف اشارہ ہے۔ جس کے مطابق رسول اللہؐ نے ایک یہودی جوڑے کو بدکاری کے جرم میں رجم کیا تھا۔(32)
گویا حضرت عمرؓ بھی آیت الرجم کو کسی قرآنی آیت کی تفسیر سمجھتے تھے۔ حضرت ابیؓ کو سورۂ احزاب کے حوالہ سے رجم کاکوئی واقعہ یادتھا۔ دراصل سورۂ احزاب آیت میں قُتِّلُوا تَقْتِیْلا ً(الاحزاب:62)میںتقتیل یعنی موت یا رجم کی سزا ان اشاعت فاحشہ کے مرتکب زنا کاروں کے لئے خاص ہے جنہوں نے مدینہ میں فحاشی کے اڈے قائم کررکھے تھے۔پھر(الاحزاب:62)میں اشارہ ہے کہ پہلوں میں یہ سزا بطور الہٰی قانون تھی۔ جواب صرف مخصوص حالات میں ہی نافذ ہوسکتی ہے۔کیونکہ سورۂ نور کے نزول کے بعدسو کوڑوں کی سزاجرم زنا کی اصل حد ہے۔
اس وضاحت کی روشنی میں حضرت ابیؓ کی وہ روایت حل ہوجاتی ہے جس سے بعض لوگ غلط فہمی سے سورۂ احزاب کا ایک حصہ منسوخ خیال کربیٹھے ہیں۔حالانکہ حضرت ابی ؓبن کعب کایہ قول کہ ’’میں نے سورۂ احزاب کو اس وقت بھی دیکھا ہے جب یہ بقرہ کے برابر تھی۔‘‘(33) یوں حل ہوسکتاہے کہ احزاب قدیم النزول سورت ہے اور بقرہ طویل النزول (جس کا زمانہ دوہجری سے نو ہجری تک ممتد ہے)حضرت ابیؓ بن کعب کی یہ مراد ہوسکتی ہے کہ جب بقرہ احزاب کے برابرتھی یعنی اس کی صرف تہتر آیات اتری تھیں۔ اس وقت تک سورۃ ٔ احزاب (کی 73آیات)مکمل نازل ہوچکی تھی۔
دراصل یہود مدینہ مر ورِزمانہ سے تورات کا حکم رجم ترک کرچکے تھے۔ رسول اللہ ﷺ کے پاس یہودی مردوعورت جرم زنا میں لائے گئے آپؐ نے تورات منگواکر زنا کی سزا کا حکم توریت سے عربی میں پڑھوایا۔جو عبرانی سے ترجمہ ہوکر یوں پڑھاگیا۔اَلشَّیْخُ وَالشَّیْخَۃُ اِذَا زَنَیْا فَارْ جُمُوھُمَا کہ بوڑھا مرد اور بوڑھی عورت اگر زنا کریں تو ان کو رجم کردو ۔ پھر اس کی تعمیل میں آپؐنے ان کو رجم کروایا اور فرمایا ’’میں پہلا شخص ہوں جو اللہ کے اس حکم کو زندہ کررہا ہوں۔‘‘(34)
رسول اللہ ﷺ کے منہ سے تورات کی یہ آیت سن کر اور اس پرعمل ہوتے دیکھ کرغالباً حضرت ابیؓ اسے سورۂ احزاب کی آیات میں سے ایک آیت سمجھنے لگے حضرت عمرؓ نے اسکی تصیحح فرمادی۔ حضرت ابیؓ خود بھی فرمایا کرتے تھے کہ قرآن میں اضافہ کے اعتراض کا خدشہ نہ ہوتا تو میں آیت الرجم قرآن میں (بطور تفسیر) لکھوادیتا۔ سورۂ احزاب میں آیت الرجم پڑھنے کا یہی مطلب ہے کہ سورۂ احزاب کی آیات ۶۱ تا ۶۳ نزول کے لحاظ سے سورۂ نور کی آیت تجلید (کوڑوں کے حکم والی )سے بھی پہلی کی ہیں۔اور کوڑوں کے حکم سے پہلے آیتُ (الاحزاب:62) کی تفسیر میں مسلمان توریت کی آیت الرجم پڑھا کرتے تھے اور اس کا حکم عام رائج تھا۔ بعد میں کوڑوں کا حکم اصل اور عام ہوگیااوررجم کا حکم صرف زنا کے عادی مجرموں اور اس کی تشہیر کرنے والوں کے لئے خاص رہا۔
سید المسلمین کا انکسار
حضرتجندبؓ بن عبداللہ البجلی بیان کرتے ہیں کہ میں حصول علم کی خاطر مدینہ آیا ۔ مسجد نبوی میں داخل ہوا تو دیکھا کہ لوگ مختلف ٹولیوں میں بیٹھے علمی گفتگو کر رہے ہیں۔ دینی باتیں ہو رہی ہیں۔ ایک حلقے میں ایک شخص دو چادریں زیب تن کئے سادہ لباس میں ہے۔ ایسے لگتا ہے کہ سفر سے آیا ہے۔میں اس حلقہ میں بیٹھ گیا۔ ان کی باتیں سنیں تو بڑی پسند آئیں۔مجلس برخاست ہوئی۔ میں نے پوچھا کہ یہ کون صاحب تھے؟ مجھے بتایا گیا کہ یہ سید المسلمین ابیؓ بن کعب تھے۔ میں نے سوچا کہ ان سے تو اورصحبت ہونی چاہیئے ۔چنانچہ ان کے پیچھے ہو چلا ۔ ان کے گھر پہنچا تو کیا دیکھتا ہوں کہ بہت ہی سادہ سا گھر ہے۔ عجیب زاہدانہ زندگی حضرت ابیؓ بن کعب گزار رہے تھے۔ میں نے جا کر سلام کیا انہوں نے سلام کا جواب دیا۔اور پوچھا کہ تم کون ہو؟ میں نے عرض کیا میں اہل عراق میں سے ہوں۔وہ فرمانے لگے اچھا وہی عراقی جو سوال بہت کرتے ہیں۔کہتے ہیں مجھے اس پر طیش آ گیا میں نے اسی وقت گھٹنوں کے بل بیٹھ کر اپنے ہاتھ دعا کے لئے اٹھا لئے اور قبلہ رخ ہو کر یہ دعا کرنے لگا کہ’’ اے اللہ ہم تجھ سے شکایت کرتے ہیں۔ دیکھ ہم اتنی دور سے مال خرچ کر کے اپنی سواریاں تھکاتے ہوئے مدینہ میں حصول علم دین کے لئے آتے ہیں۔اور یہ لوگ ہم سے سختی کرتے ہیں۔‘‘ حضرت ابی ؓبن کعب کی خدا ترسی ملاحظہ ہو۔ اسی وقت رونے لگ گئے ۔جندب کہتے ہیں وہ مجھے منانے لگے اور ساتھ کہتے جاتے تھے کہ میرا ہر گز یہ مطلب نہ تھا میرا ہر گز یہ مطلب نہ تھا۔دراصل کچھ لوگ واقعی کثرت سے سوال کرتے اور تنگ کر دیتے ہیں۔میں اس سے بچنے کے لئے نصیحت کر رہا تھا۔پھر فرمانے لگے جہاں تک تمہاری یہ شکایت ہے تم لوگ علم دین کے لئے آتے ہو۔ تمہارا خیال نہیں رکھا جاتا۔ میں یہ عہد کرتا ہوں کہ آئندہ جمعہ تک اگر میں زندہ رہا تو ضرور اس بارے میں وعظ کروں گا۔ آنحضور ؐ کی باتیں لوگوں کو بتاؤں گا۔ اس واقعہ سے حضرت ابیؓ کے تعلق باللہ کا اندازہ ہوتا ہے۔اور یہ بھی معلوم ہوتا ہے انہیں سفرآخرت کا کوئی اشارہ مل چکا تھا۔جندب کہتے ہیں کہ میں اگلے جمعہ کا انتظار کرنے لگا۔ مگر جمعرات کے دن مدینہ کی گلیوں میں اچانک ہجوم دیکھ کرمیں نے پوچھا کہ کیا بات ہے لوگوں نے کہا کہ تمہیں معلوم نہیں کہ مسلمانوں کا سردار ابیؓ بن کعب آج فوت ہو گیا ہے۔یہ حضرت عثمانؓ کی خلافت کا زمانہ تھا۔انہوں نے ہی حضرت ابیّ ؓکی نماز جنازہ پڑھائی۔(35) اور یوں قرآن کا ایک عظیم قاری، ایک بے بدل عالم، ہاں ایک عالم با عمل ایک عاشق رسول ؐاس دنیا سے رخصت ہو گیا۔
حضرت ابیؓ کی وفات کے بارہ میں ایک روایت یہ ہے کہ 20ھ؁ میں حضرت عمرؓ کے زمانہ میں انتقال ہوا، لیکن درست روایت 30ھ؁ کی سمجھی جاتی ہے کیونکہ آپ کے شاگردزرّ بن جیش نے حضرت عثمانؓ کی خلافت کے زمانہ میں ان سے ملاقات کا ذکر کیا ہے۔(36) دوسرے حضرت عثمان ؓ کے زمانہ میں بھی آپ کوحضرت حفصہؓ کے پاس موجود اولین مستند قرآنی نسخہ کی مزید نقول تیار کرنے کی توفیق ملی۔ اس لحاظ سے اس زمانہ میں ان کی وفات والی روایت ہی زیادہ صحیح ہے۔(37)
اللہ تعالیٰ ہمیں ان بزرگ صحابہ کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین



حوالہ جات
-1
اسد الغابہ جلد1ص50،استیعاب جلد1ص164
-2
ابن سعد جلد3ص498,499
-3
مسلم کتاب السلام باب لکل داء دواء
-4
مسند احمد جلد5ص123
-5
مسند احمد جلد5ص124
-6
بخاری کتاب التفسیر سورۃ البینہ ومناقب، مسند احمد جلد3ص489،استیعاب جلد1ص 163
-7
ترمذی کتاب المناقب باب فضل ابی بن کعب
-8
مسند احمد جلد5ص123،منتخب کنزالعمال برحاشیہ مسند جلد5ص131
-9
مسند احمد جلد5ص142،منتخب کنزالعمال برحاشیہ مسند جلد5ص132،133
-10
ترمذی کتاب الفضائل باب فضل فاتحۃ الکتاب
-11
مسند احمد جلد5ص140
-12
بخاری کتاب اللقطہ
-13
مسلم کتاب المساجد ، مسند احمد جلد5ص133،منتخب کنزالعمال برحاشیہ مسند جلد5ص132
-14
ترمذی کتاب صفۃ القیامۃ
-15
ترمذی کتاب صفۃ القیامۃ باب فی الترغیب بذکراللہ
-16
ابن سعد جلد3ص500
-17
مسند احمد جلد5ص132
-18
مسلم صفۃ القیامۃ،منتخب کنزالعمال برحاشیہ مسند جلد5ص132
-19
مسند احمد جلد 5 ص 142
-20
مسند احمد جلد5ص123
-21
مسند احمد جلد5ص137
-22
فتح الباری جز6ص559،مسند احمد جلد5ص137
-23
مسند احمد جلد5ص137
-24
مسلم کتاب المناقب باب من فضائل ابی
-25
مسند احمد جلد5ص134
-26
ابن سعد جلد3ص499،منتخب کنزالعمال برحاشیہ مسند جلد5ص132
-27
بخاری کتاب صلوۃ التراویح باب فضل من قام رمضان
-28
مسند احمد جلد5ص131
-29
اصابہ جلد 1جز 1ص 17
-30
ابن سعد جلد3ص499
-31
مسند احمد جلد5ص113 وبخاری کتاب التفسیر البقرہ
-32
بخاری کتاب المحاربین
-33
مسند احمد جلد132و مستدرک حاکم کتاب الحدود
-34
مسلم کتاب الحدودو شرح مسلم ا ز علامہ نووی
-35
ابن سعد جلد3ص501
-36
اسدالغابہ جلد1ص50
-37
ابن سعد جلد3ص502


حضرت معاذ بن جبل انصاری ؓ
نام وحلیہ
حضرت معاذ بن جبل انصاری ؓ لمبے قد،گورے رنگ،روشن چہرے،سفید چمکتے دانتوں،موٹی سیاہ آنکھوں،گھنی پلکوں اور گھنگر یالے بالوں والے خوبصورت نوجوان تھے۔وہ نہ صرف مردانہ حسن کا عمدہ نمونہ تھے۔ بلکہ حسن ظاہری کے ساتھ حسن باطنی سے بھی مالامال تھے۔ صحابہ کرامؓبیان کرتے تھے کہ’’ معاذانصار کے نوجوانوں میں سے ایک بہترین نوجوان تھے۔ ‘‘صاحب علم،باحیااور جودوسخا کی خوبیوںسے متصف تھے ۔حضرت معاذؓ بن جبل کا تعلق انصار کے خزرج قبیلہ سے تھا والدہ ہند بن سہل تھیں کنیت ابو عبد الرحمان تھی۔
قبول اسلام
حضرت مصعبؓ بن عمیر کی تبلیغ سے انہوں نے مدینہ میںاسلام قبول کیا اور پھر مکہ میں عقبہ ثانیہ کے موقع پر سترانصار کے ساتھ حاضر ہو کربیعت کی۔ اس وقت آپ عین عنفوان شباب میں تھے عمر صرف 18برس تھی۔
مدینہ میں مؤاخات کا سلسلہ شروع ہوا تو حضرت معاذ ؓ کو حضرت عبداللہ بن مسعودؓ کا اسلامی بھائی بنایا گیا۔ ان کے ساتھ رہ کر آپ نے قرآن بھی سیکھااورقرآن شریف کے قاری بنے اور آنحضوؐر جن چار قراّ سے خاص طور پر قرآن شریف سیکھنے کی ہدایت فرماتے تھے ان میں حضرت اُبی ؓ ، حضرت سالم ؓ اور حضرت عبداللہ بن مسعودؓ کے ساتھ آپ ؓ کا نام بھی حضوؐر نے لیا کہ ان سے قرآن سیکھا کرو۔(1)
حضرت معاذؓاچھے عالم دین بھی تھے۔ نبی کریم ﷺنے فرمایاکہ انصار کے نوجوانوں میں سے سب سے بہتر اسلامی احکام اورحلال و حرام جاننے والے حضرت معا ذ بن جبل ؓ ہیں ۔ حضور ؐ کے زمانے میںمسائل بتانے کیلئے اور فتاویٰ کیلئے انصا رمیں سے خاص طور پر آپ کو امتیاز حاصل تھا اور حضرت ابی بن کعبؓ اور زید بن ثابتؓ کے ساتھ آپ بھی یہ خدمت بجا لایا کرتے تھے۔ (2)
غزوات میں شرکت
مختلف غزوات میں شامل ہونے کی سعادت آپؓ کو نصیب ہوئی۔ بدر،احد اور خندق میں حضورﷺ کے ساتھ شریک تھے۔ دیگر غزوات نبوی میں بھی شامل ہونے کا موقعہ ملا۔ بعد کے زمانے میں جنگ یرموک میں بھی شامل ہوئے اور میمینہ کے افسر کے طور پر آپؓ نے اس تاریخی جنگ میں حصہ لیا۔ نہایت بہادری اور دلیری سے ا س میں لڑے۔ ایک موقع پر جب گھمسان کا رن پڑ رہا تھا۔ آپؓ اپنے گھوڑے سے اتر آئے اور فرمایا کہ جو اس گھوڑے کا حق ادا کر سکتا ہو وہ اس پر سوار ہو کر لڑے ۔میں پیدل لڑوں گا اور بڑی بہادری سے پیدل لڑتے ہوئے آگے بڑھے۔
رسول اللہ ﷺ کی فیض محبت اور پاکیزہ نصائح
آنحضرت ﷺکے فیض صحبت میں رہ کر آپ نے بہت کچھ سیکھا۔ بہت علم حاصل کیا، آپ ؐ کی صحبت میں تربیت پائی ۔ حضور ؐ سے آپ کو ایک والہانہ عشق تھا۔ مسجد نبوی سے سب سے دور افتادہ محلہ بنی سلمہ میں قیام تھالیکن آنحضور ﷺ کے ساتھ آکر نماز پڑھنے کو ترجیح دیتے تھے۔محلے میں بھی آپ کو امام الصلوۃ مقرر کیا ہوا تھا اس لئے خاص طور پر عشاء کی نماز آنحضرت ﷺ کے ساتھ مسجد نبوی میںادا کرنے کے بعد اپنے محلے کی مسجدمیں جاکر امامت کرتے تھے۔کیونکہ قرآن شریف کا ایک بڑا حصہ آپ کو یاد تھا اورآپ کی قرأت نہایت عمدہ اور اعلیٰ تھی۔
ایک دفعہ حضرت معاذؓنے عشاء کی نماز بہت لمبی پڑھا دی ،سورۃ بقرہ کی تلاوت اس میں فرمائی۔ ایک شخص جو اپنے کھیتوں میں کام کاج کرکے تھکا ہارا آیا تھا اس نے بھی آپ کے پیچھے نماز شروع کی لیکن جب یہ دیکھا اور محسوس کیا کہ یہ نماز توزیادہ لمبی ہوچلی ہے ،اس نے سلام پھیراا ور اپنی الگ نمازپڑھ کر وہ چلا گیا۔دوسری روایتوں میں یہ ذکر ہے کہ ا س نے کھیت میں جاکر پھر پانی وغیرہ لگانا تھا۔ حضرت معاذ بن جبل ؓ کو جب علم ہوا تو انہوں نے اس بات کا بڑے دکھ کے ساتھ ذکر کیا کہ اس شخص نے نماز باجماعت کو چھوڑکر نامناسب بات کی ہے اور یہ منافق ہے۔ اس شخص کو جب پتہ چلا تو اس نے آنحضرت ﷺکی خدمت میں جاکر عرض کیا کہ یارسول اللہ ﷺ مجھے مجبوری سے نماز باجماعت چھوڑنی پڑی اور معاذ ؓ نے میرے منافق ہونے کا فتویٰ دیا ہے۔ آنحضرت ﷺ نے حضرت معاذ بن جبل ؓ سے فرمایا!’’اے معاذؓ کیا تم فتنہ پیدا کرنے والے ہو؟ پھر بڑے پیار و محبت سے یہ سمجھایا کہ عشاء کی نماز کو زیادہ لمبی نہ کیا کریںکیونکہ اس میں کمزور بھی ہوتے ہیں اور مزدور پیشہ لوگ بھی۔ اس لئے مناسب ہے کہ عشاء کی نماز میں مختصر سورتیں پڑھیں جیسے والشَّمْسِ وَضُحٰھَا یا سَبِّحِْ اسْمَ رَبِّکَ الاَعلٰیہے یہ سورتیں پڑھ کر نماز مختصر کرلیاکریں۔(3)
آنحضرت ﷺ کی معاذ کے ساتھ محبت و شفقت کا عالم بھی عجیب تھا حضور ﷺنے اس نوجوان کو اپنے زیر سایہ رکھ کر اعلیٰ تربیت فرمائی تھی۔
حضرت معاذ ؓ بیان کرتے ہیں ایک دفعہ آنحضور ﷺنے مجھے اپنی سواری کے پیچھے اپنے ساتھ سوار کر وایا اور فرمانے لگے کہ اے معاذؓ بن جبل !انہوںنے جواب دیا یارسول اللہ ﷺ !میں حاضرہوں اور میری سعادت اور خوش بختی ہے کہ میں آپ کی خدمت میں حاضر ہوں حضور ﷺنے تین مرتبہ معاذؓ بن جبل کو آواز دی۔ انہوں نے ہر مرتبہ ہی اسی فدائیت اور جانثاری کے انداز میں جواب دیا کہ یا رسول اللہ ؐ! میں حاضر ہوں ۔
اس کے بعد حضور ﷺ نے انہیں ایک اہم حدیث سنائی ۔ آپؐ نے فرمایا’’ جو شخص صدق دل سے کلمہ توحید پڑھ لے اس پر دوزخ حرام ہوجاتی ہے ۔‘‘حضرت معاذ ؓ جبل بہت خوش ہوئے عرض کیا یارسول اللہ ﷺ! کیا میں اس بات کا لوگوں میں اعلان نہ کردوں۔ حضور ﷺ نے فرمایا نہیں ۔اعلان نہ کرو کہیں ایسا نہ کہ لوگ عمل کرنا چھوڑ دیںاور محض اسی بات پرہی انحصار کرلیں۔ چنانچہ حضرت معاذ ؓبن جبلؓ کی ایک اور روایت ہے وہ بیان کرتے ہیں کہ آنحضور ﷺنے ایک اور موقع پر مجھ سے یہ سوال کیا کہ اے معاذ ؓ! بندوں پر خدا کا کیا حق ہے ؟حضرت معاذؓ نے عرض کیا یارسول اللہﷺ ! اللہ اور اس کا رسول ہی بہتر جانتے ہیں حضور ﷺ نے فرمایا کہ بندوں پر خدا کا یہ حق ہے کہ وہ اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرائیں اور اس کی عبادت کا حق ادا کریں پھر آنحضور ﷺنے پوچھا۔ اے معاذ! یہ بتائو کہ خدا پربندوں کا کیا حق ہے تو حضرت معاذ ؓ نے پھر عرض کیا یارسول اللہ ﷺ ! اللہ اور اس کا رسول ہی بہتر جانتے ہیں ۔ آپؐ نے فرمایا کہ اگر بندے ایسا کریں شرک سے اجتناب کریں ،عبادت کرنے والے ہوجائیں تو پھر خدا پر یہ حق بن جاتاہے کہ وہ ان کو جنت میں داخل کر ے اوردوزخ کی آگ اس پر حرام کی جاتی ہے۔ (4)
آنحضرت ﷺ کی صحبت میں تربیت پاتے ہوئے حضرت معاذؓ بن جبل کی پسند اور ترجیحات خالصۃً دینی ہوگئی تھی کہ اللہ تعالیٰ کی رضا، اس کی محبت اور اسکی خوشنودی حاصل ہو۔ ایک موقعہ پر آنحضرت ﷺنے ان سے دریافت کیا کہ اے معاذ ؓ!کیا میں تمہیں جنت کا ایک دروازہ نہ بتائوں عرض کیا یارسولؐ اللہ ضرور بتائیں۔ آپ ؐ نے فرمایا کہ یہ دعا پڑھا کرو۔ لاَحَولَ وَ لاَقُوَّۃَ اِلاَّبِاللّٰہِ۔ کوئی قوت اور کوئی طاقت کسی کو حاصل نہیں سوائے اللہ تعالیٰ کی ذات کے۔ (5)
ایک اور موقع پر آنحضرت ﷺ نے حضرت معاذؓ سے فرمایا کہ اے معاؓذ ! میںتم سے محبت کرتا ہوں۔ میں تمہیں ایک دعا نہ بتائوں۔پھر حضور ﷺ نے ان کو ایک بہت ہی عمدہ اور خوبصورت دعا بھی سکھائی۔اَللّٰھُمَّ اَعِنِّی عَلی ذِکْرِکَ وَشُکْرِکَ وَحُسْنِ عِبَادَتِکَ۔اے اﷲ! اپنے ذکر اور شکر کے لئے میری مدد فرما ،اپنی خوبصورت عبادت کرنے کی مجھے توفیق دے۔
ایک اورسفر میں حضرت معاذؓ نے سوال کیا کہ یارسول اللہؐ کوئی ایسا عمل بتائیںجو مجھے جنت میں داخل کردے۔ آنحضرت ﷺ نے فرمایا کہ اے معاذؓ تم نے بہت عظیم بات پوچھی ہے۔ پھر حضورﷺنے فرمایا کہ ’’یہی کہ شرک نہ کرو، خداتعالیٰ کی عبادت بجالائو،نماز،زکوۃ،اور رمضان کے روزے اورحج اداکرو۔ یہ وہ باتیں ہیں جو انسان کو بالآخر جنت میں لے جاتی ہیں۔ ‘‘پھر فرمایا کہ ’’میں تمہیں خیر کے کچھ دروازے بھی بتاتا ہوں اور وہ یہ کہ روزہ ڈھال ہے اور صدقہ انسان کے گناہوں کو اس طرح ختم کردیتا ہے کہ جس طرح آگ پانی کو بجھا دیتی ہے اور رات کے حصے میں نماز کا ادا کرنا یعنی تہجد کی نماز یہ بہت ہی بہترین اور خوب ہے۔ یہ خیر کے دروازوں میں سے ایک دروازہ ہے ‘‘اور پھر حضور ؐ نے وہ آیت پڑھی۔۔ (السجدہ :17)کہ’’ مومنوں کا یہ حال ہے کہ رات کی تنہائیوں میں آرام دہ بستروں سے ان کے پہلوں جدا ہو جاتے ہیں اور وہ خدا تعالیٰ کو پکارتے ہیں خوف کی حالت میں بھی اور طمع کی حالت میں بھی۔‘‘ پھر حضور ﷺ نے فرمایا’’ ان تمام باتوں کی جڑ زبان ہے ۔‘‘ حضرت معاذؓ نے عرض کیا یارسولؐ اللہ جو کچھ ہم بولتے ہیں کیا اس کی وجہ سے بھی مؤاخذہ ہوگا۔ حضورؐ نے فرمایا اے معاذ ؓاللہ تعالیٰ تم پر رحم کرے کئی لوگ ہیں جو اس زبان کی وجہ سے جہنم کی آگ میں داخل کئے جائیں گے۔
آنحضرت ﷺ نے حضرت معاذؓ کی تربیت کرتے ہوئے مختلف مواقع پر آپ ؓ کو اسلام کے احکام یاد کروائے۔کچھ دعائیں یاد کروائیں۔ ایک اور موقع پر دس ہدایات ان کو دی ہیں کہ ان باتوں کو یاد رکھنا اور مراد یہ تھی کہ رفتہ رفتہ ان کی تربیت ہوتی چلی جائے۔ اسلام کے احکام اور شرعی امور کو یاد کرتے چلے جائیں ۔نبی کریم ﷺ اخلاقی لحاظ سے نہایت عمدہ اور پاک تعلیم آپ کو دیتے رہے۔ ایک موقع پر فرمایاکہ ’’اے معاذؓ برائی کے بعد ہمیشہ نیکی کرو۔ برائی کے اثر کو یہ بات زائل کر دیتی ہے۔‘‘ ایک موقع پر فرمایا کہ’’ اے معاذؓ! ہمیشہ مظلوم کی دعا سے بچنا کیونکہ اس کے اور خدا کے درمیان کوئی پردہ حائل نہیں ہوتا۔‘‘(6)
ایک اور موقع پر جماعت سے اور نظام سے منسلک رہنے کے بارہ میں نصیحت کرتے ہوئے فرمایا کہ’’ اے معاذؓ! انسان کا بھیڑ یا شیطان ہوتا ہے اور جس طرح ریوڑ سے کوئی بھیڑ الگ ہوجائے تو بھیڑ یا اس پر حملہ کرتا ہے اور چیر پھاڑ کے رکھ دیتا ہے اسی طرح وہ انسان جو جماعت سے الگ ہوجاتا ہے شیطان وہ بھیڑیا ہے جو اسے ہلاک کر دیتا ہے اور تباہ و برباد کر دیتا ہے ۔ اسی لیے ہمیشہ جماعت کے ساتھ رہنا اورکبھی جماعت سے الگ نہ ہونا۔ ‘‘ایک موقع پر دعوت الی اللہ کے بارہ میں نصیحت کرتے ہوئے فرمایا کہ’’ اے معاذ ؓ! اگر ایک مشرک کو اللہ تعالیٰ تمہارے ذریعے سے مسلمان کر دے تو یہ دنیا کی تمام نعمتوں سے تمہارے لئے بڑھ کر ہے۔‘‘ (7)
شفقت رسول ﷺو حسن سلوک
آنحضرت ﷺنے جہاں حضرت معاذ ؓ کے ساتھ محبت اور پیار کے تعلق میں یہ ہمدردی فرمائی کہ حسن تعلیم اور حسن تربیت سے انہیں آراستہ و پیراستہ کیا وہاں ان کے ساتھ ظاہر ی رنگ میں بھی جس حد تک ممکن تھا ان کیلئے ان سے ہمدردی فرمائی ہے۔
حضرت معاذ ؓبن جبل کے مالی حالات کچھ اچھے نہیں تھے۔ ایک وقت میں ان پر بہت زیادہ قرض ہوگیا جتنے قرض خوا ہ تھے وہ تقاضا کرنے لگے کہ ہمارے قرضے تم ادا کرو۔ آنحضرت ﷺنے حضرت معاذؓ کو اپنے پاس طلب فرمایا اور چونکہ اندیشہ تھا کہ قرض خواہ ان کو تنگ کریں گے اس لئے ساتھ انہیں بھی بلوایا اور ان قرض خواہوں سے فرمایا کہ قرض اتنا زیادہ ہوچکا ہے کہ حضرت معاذؓ میں اب استطاعت نہیں رہی کہ قرض ادا کر سکیں اس لئے تم میں جو اس قرض کو معاف کر سکتے ہیں میں انہیں یہ تحریک کرتا ہوں کہ وہ یہ قرض معاف ہی کردیں۔ چنانچہ بعض صحابہ کو یہ توفیق ملی اور انہوں نے اپنے قرض حضرت معاؓذ کو معاف کردیئے اور کہا کہ اب ہم ان کے حالات کی وجہ سے ان سے اس قرض کاتقاضانہیں کریں گے اور اپنے اس بھائی کے ساتھ احسان کا سلوک روا رکھیں گے لیکن بعض لوگوں نے کہا کہ ہم تو اپنا قرض لیں گے۔ آنحضرت ﷺنے حضرت معاذؓ سے فرمایا کہ تمہاری جو بھی جائیداد ہے اس سے دستبردار ہو جائو اور میں اسے تمہارے قرض خواہوں میں تقسیم کر دیتا ہوں چنانچہ حضور ﷺ نے وہ مال ان قرض خواہوں پر تقسیم کر دیا اور ان قرض خواہوں کے سارے قرض پورے کر دیئے ۔
والی یمن
اس کے بعد حضورؐ نے ایک نہایت عمدہ تقریر حضرت معاذؓ بن جبل کے حق میں کی۔پھر انہیں یمن کا نگران اور حاکم مقرر فرما کر روانہ کیا اور فرمایا کہ ’’اے معاذؓ میں تمہیں اہل یمن کی تعلیم و تربیت کے لئے روانہ کرتا ہوں اور وہاں کی ذمہ داریاں سپرد کرتا ہوں عین ممکن ہے کہ اللہ تعالیٰ تمہارے لئے وہاں جاکر اصلاح احوال کی صورت پیدا کردے اور تمہارے قرض وغیرہ بھی ہمیشہ کے لئے ختم ہوجائیں۔‘‘ چنانچہ حضوؐر کی وفات تک بھی حضرت معاذ بن جبلؓ وہاں بطور حاکم کے رہے۔ (8)
اس کے بعد بھی ایک زمانے تک یہ خدمت بجالاتے رہے۔ آنحضرت ؐ نے حضرت معاذ ؓ کو جب یمن روانہ کیا تو یہ جانتے ہوئے کہ حضرت معاذؓ بہت ہی تقویٰ شعار انسان ہیں اوربطور حاکم کے یہ لوگوں سے کوئی ہدیہ وغیرہ قبول نہیں کریں گے۔ حضور ؐ نے انہیں فرمایا کہ ’’اے معاذؓ!تم پر یہ قرض کا بہت بوجھ ہے اسلئے میں تمہیں اجازت دیتا ہوں کہ اگر کوئی ہدیہ تمہیں ملے تو اس کو قبول کر لینا۔‘‘(9)
حضرت معاؓذ کو روانہ کرتے وقت آنحضرت ﷺنے نہایت احسن رنگ میں ان کا امتحان لیا اور بعض نصیحتیں بھی فرمائیں۔ آپؐ جانتے تھے کہ معاذؓ بن جبل بے شک اٹھائیس برس کے نوجوان ہیں لیکن بہت کچھ سیکھ چکے ہیں۔ روانگی کے وقت حضور ﷺنے ازراہ آزمائش ان سے یہ پوچھا کہ ’’اے معاذؓ!تم یمن جارہے ہو فیصلے کس طرح کرو گے؟ انہوں نے عرض کیا یا رسول اللہ ﷺمیں اللہ کی کتاب کے مطابق اور قرآن شریف کے احکام کے مطابق فیصلے کروں گا۔ حضور ﷺنے فرمایا اگر قرآن میں وہ تفصیلی احکام موجود نہ ہوئے تو پھر کیا کروگے تو انہوں نے عرض کیا یا رسول اللہ ﷺ میں پھر آپ کی سنت سے اور حدیث سے راہ نمائی چاہوں گا۔ حضور ﷺ نے فرمایا کہ اگر وہاں سے بھی کوئی مسئلہ نہیں ملا تو پھر کیا کروگے؟ عرض کیا یا رسولؐ اللہ پھر میں اجتہاد کروں گااور قرآن و سنت کی روشنی میںجو رائے سمجھ میں آئے گی اس کے مطابق فیصلہ کروں گا اور کوئی کوتاہی نہیں کروں گا۔ آنحضرت ؐ اپنے اس ذہین نوجوان کی بات سن کر بہت خوش ہوئے اور اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے فرمانے لگے خدا کا شکر ہے جس نے میرے اس نمائندہ اور سفیر کی صحیح راہنمائی کی کہ وہ اس رنگ میں فیصلے کرنے کی توفیق پائے۔ (10)
یمن روانگی کے وقت حضور ﷺ نے حضرت ابو موسیٰ اشعرؓی کو یمن کے دوسرے حصے پر نگران مقرر کرکے فرمایا کہ ’’تم دونوں لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کرنا،مشکل پیدا نہ کرنا لوگوں کو بشارت کی اورخوشخبری کی باتیں زیادہ بتانا۔ دین سے متنفر کرنے والی باتیں نہ بتانا اور ان کو دین سے دور نہ کر دینا۔(11)
حضور ﷺ نے انہیں یمن روانہ کرتے وقت یہ نصیحت بھی فرمائی کہ’’ اے معاذؓ ! لوگوں کے ساتھ حسن خلق کے ساتھ پیش آنا ‘‘اور پھربہت ہی محبت اور اعزاز کے ساتھ ان کو رخصت کیا، روایات میں ذکر ہے کہ حضرت معاذؓ اپنی سواری پر سوار تھے اور آنحضور ﷺ ان کو الوداع کرنے کیلئے مدینہ کے باہر تشریف لے گئے۔ حضور ﷺان کے ساتھ پیدل چل رہے تھے اور ان کے لئے دعائیں کر رہے تھے چنانچہ الوداع کرتے وقت حضور ﷺنے ان کے لئے یہ دعا کی کہ’’ اے اللہ ! تو معاذؓ کی ہمیشہ حفاظت کرنا ان کے آگے سے بھی اور ان کے پیچھے سے بھی ان کے دائیں بھی اور ان کے بائیں بھی،ان کے اوپر بھی اوران کے نیچے بھی اور اے میرے اللہ!تو معاذؓ سے ہر قسم کے شر اور ہر قسم کے خطرات دور رکھنا، خواہ ان کا تعلق جنوں سے ہو خواہ انسانوں کے شرور سے ہو، ان تمام شرور سے ان کو بچانا۔‘‘
ادھر اہل یمن کو رسول اللہ ﷺ نے یہ پیغام بھجوایا کہ اے اہل یمن میں نے اپنے اہل میں سے نہایت ہی عمدہ اور بہترین شخص تمہارے پاس بھیجا ہے ۔علمی وعملی اور دینی لحاظ سے بھی یہ ایک بہترین مربی ہے ۔(12)
تقویٰ اورخشیت الہٰی
حضرت معاذ ؓبن جبل حضرت ابوبکرؓ کے زمانے میں بھی یمن کے حاکم تھے، حضرت ابو بکرؓ کی خلافت کے زمانہ میں پہلے سال حضرت عمر ؓ کو امیر الحاج بنا کر مکہ بھجوایا گیا اور یمن سے حضرت معاذؓ بھی حج کرنے کیلئے تشریف لائے تو ان کے ساتھ کچھ ان کے غلام بھی تھے، حضرت عمرؓ نے پوچھ لیا کہ یہ غلام کیسے ہیں؟حضرت معاذؓ نے عرض کیا کہ یہ مجھے تحفہ میں ملے ہیں یہ میرے غلام ہیں، حضرت عمرؓ نے مشورہ دیاکہ خلیفہ وقت حضرت ابوبکرؓ کے سامنے یہ غلام پیش کرکے اوراجازت لے کر ان غلاموں کو اپنے تصرف میں لانا۔ حضرت معاذؓ نے کہا کہ آنحضور ﷺ نے مجھے ہدیہ قبول کرنے کی اجازت دی تھی اور بطور ہدیہ ہی یہ غلام مجھے ملے ہیں اسلئے میںاس میں کوئی عیب نہیں سمجھتا۔لیکن اگلے روز انہوں نے ایک عجیب خواب دیکھی،جس کی بناء پر حضرت عمرؓسے کہا کہ میں آپؓکے مشورہ پر ہی عمل کروں گا، رؤیا میں انہوںنے دیکھا کہ’’وہ پانی میں ڈوب رہے ہیں اور حضرت عمرؓانہیں اس میں سے کھینچ رہے ہیں۔‘‘ چنانچہ حضرت عمرؓ ان کے ساتھ حضرت ابوبکرؓ کی خدمت میں حاضر ہوئے۔ معاذؓنے عرض کیا کہ’’ یہ میرے غلام ہیں جو مجھے ہدیہ میں ملے میں ان سے دستبردار ہوتا ہوں۔‘‘ حضرت ابوبکرؓ نیفرمایاآپؓ ان سے دستبردار نہیں ہوسکتے۔ آنحضرت ﷺنے آپ ؓ کو ہدیہ وصول کرنے کی اجازت دی تھی۔ اس لئے میری طرف سے بھی اجازت ہے اور اب یہ غلام آپؓ کے ہیں۔ حضرت معاذ بن جبلؓ کا کمال تقویٰ اور خشیت یہ تھی کہ آپ نے غلاموں کے ساتھ جاکر نماز ادا کی۔ نماز پڑھنے کے بعد ان سے پوچھا کہ بتائو تم کس کی نماز پڑھتے ہو۔ انہوں نے کہا اللہ کی نماز پڑھتے ہیں آپؓ نے فرمایا’’ پھر جائو اس اللہ کی خاطر میں تمہیں آزاد کرتاہوں۔ ‘‘(13)
غلاموں کے ساتھ حسن سلوک کا یہ عالم تھا کہ ایک دفعہ آپؓ اپنی اہلیہ کے ساتھ بیٹھے کچھ پھل تناول فرما رہے تھے اہلیہ نے ایک سیب اٹھایا ابھی ایک نوالہ ہی لیا تھا کہ غلام پاس سے گزرا، بی بی نے وہ سیب اس غلام کو دے دیا۔ حضرت معاذؓ اس پر بھی خفا ہوئے اور انہیں تادیب فرمائی کہ اپنا جوٹھا سیب غلام کو دینا مناسب نہیں تھا۔ (14)
یہ گہرا دلی تقویٰ تھا جو حضرت معاذؓ کو عطا ہوا تھا۔حضرت معاذؓ آنحضور ﷺکی نصیحتوں پر بھی خوب عمل کرنے والے تھے ۔’’ راتوں کو اٹھ کر عبادت کرنا اور پہلوئوں کا بستر سے جدا ہو جانا،‘‘ اس نصیحت پر بھی آخر دم تک خوب عمل کیا ہے۔ احادیث سے پتہ چلتا ہے کہ آپ تہجد کی نماز ادا کرتے تو خدا تعالیٰ کے حضور دعائیں کرتے ہوئے جو آہ وبکا ہوتی ایک حدیث میں اس کا نقشہ یوں ہے اپنے رب کے حضور عرض کرتے،’’ اے میرے مولا! اس وقت سارا جہاں سویا ہوا ہے آنکھیں سوئی ہوئی ہیں۔ ستارے ڈوب چکے ہیں ،اے اللہ تو حی و قیوم ہے۔ میں تجھ سے جنت کا طلب گار ہوں مگر اس میں کچھ سست رو ہوں اور آگ سے دور بھاگنے میں کمزور اور ناتواں ہوں، اے اللہ تو مجھے اپنے پاس سے ہدایت عطا کر دے، وہ ہدایت جو مجھے قیامت کے دن بھی نصیب ہو جس دن تو اپنے وعدے کے خلاف نہیں کرے گا۔ ‘‘(15)
محبت الٰہی اور راضی برضا
حضرت معاذؓ بہت نڈر اور بے باک انسان تھے اور اللہ تعالیٰ سے ایک گہری محبت رکھتے تھے وفات کے وقت بھی آپ کی زبان پر جو کلمے دعا کے جاری تھے اس میں یہی کہہ رہے تھے ۔اَللّٰھُمَّ غمِّی غَمُّکَ فَوَ عِزَّ تِکَ اَنَّکَ لَتَعلَمُ اَنِّی اُحِبُّکَاے اللہ! میر ا غم تیرا غم ہوچکاہے۔ اور تیری عزت کی قسم تو جانتا ہے کہ میں تجھ سے محبت کرتا ہوں۔(16)
آپ کی وفات اس وبائی طاعون سے ہوئی جو شام کے علاقے میں پھیلی تھی۔ پہلے جب حضرت ابو عبیدہؓ بن الجراح عمواس میں فوت ہوئے ہیں تو انہوں نے اپنے بعد اپنا قائمقام معاذ ؓبن جبل کو مقرر کیا تھا۔بعض لوگ یہ سمجھتے تھے کہ یہ طاعون سزا کے طور پر آئی ہے اس لئے ہلاکتیں ہورہی ہیں حضرت معاذؓ نے انہیں یہ سمجھایا کہ یہ طاعون تو اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک رحمت ہے اور شہادت کا اجر عطا کرنے آئی ہے اور یہ اظہار بھی کیا کہ قبل اس کے کہ فتنوں کے زمانے آئیں میں تو یہ پسند کرتا ہوں کہ اسی طاعون سے ہی خداتعالیٰ کے حضور حاضر ہوجائوں۔ چنانچہ اسی طاعون کی بیماری میں آپ کی اہلیہ اور بچے بھی فوت ہوئے،آپ نے کمال صبر کے ساتھ یہ صدمے برداشت کئے۔پھر آپ کی وفات ہوئی۔(17)
یہ بھی دراصل نبی کریم ﷺ کی تربیت کا نتیجہ تھا۔ حضور ﷺکی زندگی میں ان کا ایک بیٹا فوت ہوا تو آپؐ نے انہیں ایک تعزیتی خط لکھا جس سے ان کے ساتھ حضور ﷺ کے تعلق کا بھی اندازہ ہوتا ہے اور یہ بھی کہ آپؐ نے اپنے اصحاب کی کس طرح تربیت فرمائی۔آپؐ نے’’ بسم اللہ الرحمن الرحیم ‘‘کے بعد تحریرفرمایا:۔
’’ یہ خط محمد رسول اللہ ؐکی طرف سے معاذ بن جبلؓ کی طرف ہے۔آپ پر سلام ہو۔میں تمہارے سامنے اس اللہ کی تعریف کرتا ہوں، جس کے سوا کوئی معبود نہیں ۔اس کے بعد تحریر ہے کہ اللہ تعالیٰ تمہیں عظیم اجر عطاکرے اور آپ کو صبر الہام کرے اور ہمیں اور آپ کو شکر کی توفیق دے۔(یاد رکھو) ہماری جانیں، ہمارے مال اور ہماے اہل و عیال سب اللہ کی عطا ہیں۔ یہ امانتیں ہیں جو اس نے ہمارے سپرد فرمائی ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اس بچے کے عوض سچی خوشی نصیب کرے اور اس کی موت کے بدلے تمہیں بہت سا اجر برکتوں اور رحمتوں اور ہدایت کا عطا کرے۔اگر تم ثواب کی نیت رکھتے ہو تو صبر کرو اور واویلا کر کے اپنا اجر ضائع نہ کربیٹھو کہ بعد میں تمہیں ندامت ہو اور جان لو کہ واویلا کرنے سے مردہ واپس نہیںآجاتا۔نہ ہی جزع فزع اور بے صبری غم کو دور کرتی ہے اور جو مصیبت انسان کے مقدر میں ہے وہ تو آنی ہی ہوتی ہے۔ والسلام‘‘(18)
دعا گو بزرگ
حضرت معاذؓ بن جبل بہت دعا گو بزرگ تھے اور جو قرض ان پر چڑھ گئے، اس کی وجہ بھی یہ تھی کہ اللہ تعالیٰ کی راہ میں کثرت کے ساتھ خرچ کرنے والے اور بہت سخی مزاج بزرگ تھے جو بھی آپ سے سوال کرتا اسے کبھی واپس نہیں لوٹاتے تھے اللہ تعالیٰ کا بھی آپ کے ساتھ یہی معاملہ تھا۔ چنانچہ کعبؓ بن مالک کے صاحبزادے بیان کیا کرتے تھے کہ اللہ تعالیٰ کا حضرت معاذؓ کے ساتھ عجیب سلوک تھا وہ نہایت حسین بھی تھے اور بڑے سخی بھی۔اور مستجاب الدعوات بھی تھے۔ جو خدا سے مانگتے تھے اللہ تعالیٰ ان کو عطا کرتا تھا اور اللہ تعالیٰ کا ان سے خاص معاملہ تھا، ایک عجیب فہم وفراست اللہ تعالیٰ نے انہیںعطا کی تھی۔
علمی مقام
حضر ت عمر ؓ کے زمانے میں ایک بڑا پیچیدہ اور الجھا ہوا دینی مسئلہ سامنے آیاجو کم از کم مدت حمل اور انتہائی مدت سے تعلق رکھتا تھا۔ علم طب کی روسے بعض اوقات حمل نوماہ کے عرصہ سے بڑھ بھی سکتاہے اور شاذ کے طور پر زیادہ سے زیادہ مدت اس کی دو سال تک بھی ہوسکتی ہے۔ ایک ایسا ہی واقعہ اس زمانہ میں سامنے آیاکہ ایک عورت کا شوہر دوسال سے غائب تھا اسے حمل ظاہرہوگیا۔ حضرت عمرؓ کو جب اس بات کا علم ہوا تو آپؓ نے فرمایا کہ اس عورت پر حد قائم ہونی چاہیے۔ حضرت معاذؓ بن جبل نے یہ سوال اٹھایا کہ اگر اس عورت کورجم کی سزا دی جائے تو اس بچے کا کیا قصور جو اس کے پیٹ میں ہے۔ اس پرحضرت عمرؓ شرعی حد نافذ کرنے سے وقتی طور پر رک گئے۔ پھر جب اس عورت کے ہاں بچہ پیدا ہوا تو وہ اسکے حقیقی باپ کے عین مشابہ تھا۔ دو سال بعد جب اس کا والد واپس لوٹا تو اس نے تسلیم کیا کہ یہ اس کا ہی بیٹاہے۔ شکل و شباہت سے بھی یہی ظاہر تھا۔ حضرت عمرؓ نے اس موقع پر فرمایا کہ ’’عورتیں اس بات سے عاجز آگئی ہیںکہ معاذؓ جیسا بچہ پیدا کریں۔ اگر معاذ ؓ نہ ہوتا تو عمرؓ ہلاک ہوجاتا۔‘‘
جیسا کہ بیان ہوچکاہے طاعون عمواس میں حضرت معاذؓ کی وفات ہوگئی ۔ حضرت عمر ؓ نے بوقت وفات فرمایا’’اگر معاذؓ زندہ رہتے تو میں ان کو اپنے بعد اپنا جانشین نامزد کرتا اور اگر اللہ تعالیٰ اس بار ہ میں مجھ سے سوال کرتا تو میں کہتا کہ آنحضرت ﷺسے میں نے یہ سنا تھا کہ معاذؓ قیامت کے دن لوگوں کے سامنے اس حال میں آئے گا کہ اس کی بلند شان اور بڑا مرتبہ ہوگا۔‘‘ رسول کریمﷺ کے اس ارشاد اورحضرت معاذؓ غیر معمولی علم سوجھ بوجھ اورخداداد تقویٰ کی وجہ سیخلیفہ الرسولؐ حضرت عمرؓ بھی ان کی قدر دانی کرتے تھے۔ (19)
حضرت معاذ بن جبلؓ سے کئی صحابہ رسول ؐ بھی روایت کرتے تھے۔ ان میں حضرت عمرؓ، ان کے صاحبزادے حضرت عبداللہ ؓبن عمر، ابو قتادہ، حضرت انسؓ بن مالک،حضرت ابو امامۃ ؓ،حضرت ابو لیلیؓ انصاری ہیں ۔ ڈیٹرھ سو سے زائد احادیث آپ ؓ سے مروی ہیں۔اس طرح کئی تابعین بھی حضرت معاذؓ سے روایت کرتے ہیں۔ (20)
حضرت معاذؓ کی شخصیت بہت متاثر کن تھی اور بڑے وجیہ انسان تھے اپنے حلقہ درس میں علوم کے دریا بہایاکرتے تھے اور لوگ آپ کی راہنمائی کے متلاشی ہوا کرتے تھے۔ ابن حوشب ایک ایسے خوبصورت نظارے کا ذکر کرتے ہیں کہ میں نے ملک شام کے شہر حمص کی ایک مسجد میں دیکھا کہ ایک مجلس لگی ہوئی ہے اور ایک حسین و جمیل شخص جس کے دانت دمک رہے ہیں درمیان میں بیٹھا ہے۔ مجلس میں کچھ او رمعمر لوگ بھی تھے لیکن تمام لوگوں کی توجہ اس جوان رعنا کی طرف تھی۔ کوئی مسئلہ دریافت کرنا ہویا رائے لینی ہو وہ اس سے رجوع کرتے۔ میں نے ان سے پوچھا کہ آپ کون ہیں؟ انہوں نے بتایا کہ وہ معاذبن جبل ؓہیں۔
اسی طرح ابو ادریس بیان کرتے ہیں کہ’’ ایک دفعہ میں نے دمشق کی مسجد میں ایک عجیب نظارہ دیکھا کہ ایک نوجوان حسین و جمیل چمکدار دانتوں والا حلقہ احباب سے گھرا ہوا ہے۔ لوگوں کو کوئی الجھن پیش آتی یا سوال پیدا ہوتا تو وہ اس نوجوان سے راہنمائی لیتے اور اس کی رائے پوچھتے ، میں نے پوچھا یہ کون ہے؟بتایا گیا کہ یہ معاذؓ بن جبل ہیں۔ اگلے روز میںخاص طو ر پر ان سے ملاقات کرنے کیلئے دوپہر سے قبل ہی مسجد چلا گیا میں نے دیکھاحضرت معاذؓ مجھ سے بھی پہلے وہاں موجود ، اور نماز ادا کر رہے تھے۔ انہوں نے سلا م پھیرا تو میں نے کہا کہ ’’خدا کی قسم میں آپ سے محبت کرتا ہوں‘‘ انہوں نے کہا کہ سوچ لو اللہ کی قسم ! کیا تم واقعی مجھ سے محبت کرتے ہو، میں نے کہاہاں!خدا کی قسم! میں آپ سے محبت کرتا ہوں انہوں نے دوبارہ اور سہ بارہ پوچھا۔ میں نے پھر یہی عرض کیا کہ اللہ کی قسم آپ سے محبت کرتا ہوں انہوںنے کہا کہ پھر تمہیں خوشخبری ہو کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ ’’وہ لوگ جو میری خاطر ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں ان پر میری رحمت نازل ہوگی او روہ میری محبت اور میری رحمت کے مستحق ہوگئے۔‘‘(21)
اخلاق فاضلہ
حضرت معاذ ؓبن جبل وہ عظیم المرتبت صحابی تھے جنہوں نے نو عمری میں متنوع نیکیوں اورخوبیوں کو اپنے وجود میں جمع کر لیا ۔ حضرت عبد اللہ ؓبن مسعود کہتے تھے کہ معاذؓبن جبل پر ہم قرآن شریف کی یہ آیت چسپاں کرتے تھے ۔(النحل:121) کہ (ابراہیم ؑ)اللہ کا بہت ہی فرمانبردار اور توحید پر قائم ایک امت تھا۔ یعنی کئی خوبیوں اور نیکیوں کا جامع۔ وہ کہتے ہیں کہ بعض لوگ سوال کرتے تھے کہ تم معاؓذ کو امت کہتے ہو اول تو یہ آیت حضرت ابراہیمؑ کے بار ہ میں ہے۔ دوسرے امت جمع کا صیغہ ہے اکیلے معاذؓ ایک امت یا جماعت کیسے ہوگئے؟پھرحضرت عبد اللہؓ بن مسعود خود ا س کا جواب دیتے تھے کہ یہاں امت کے معنی اس شخص کے ہیں جو خیر کی تعلیم دیتا ہے اوراتنی خوبیاں اور نیکیاں اپنے وجود میں جمع رکھتا ہے جس کی پیروی ہونی چاہیے اور’’قانت ‘‘کے معنی ہیں اللہ تعالیٰ کا کامل فرمانبردار اور اطاعت گزارہے۔ (22)
اللہ تعالیٰ ہمیں توفیق عطا فرمائے کہ ہم ان چمکتے ہوئے روشن ستاروں کی طرح نیکیوں اور خیرات کے جامع بن جائیں۔
حوالہ جات
1-
اصابہ جز6ص 6
2-
اسد الغابہ جلد4ص 376
3-
بخاری کتاب الادب،مسند احمد جلد3ص 575،ابن سعد جلد3ص 586
4-
مسند احمد جلد5ص 238
5-
مسند احمد جلد5ص228
6-
ابو دائود کتاب الصلوۃ ،بخاری کتاب المظالم باب الاتقاء و الحذر من دعوۃ المظلوم
7-
مسند احمد جلد5ص243
8-
اسد الغابہ جلد4ص 377
9-
مسند احمد جلد5ص585
10-
بخاری و ابن سعد جلد3ص 840
11-
بخاری کتاب الاحکام
12-
مسند احمد جلد5ص 435،اصابہ جز6ص 107
13-
ابن سعد جلد3ص 585
14-
ابن سعد جلد3ص586
15-
اسد الغابہ جلد3ص 377
16-
اسد الغابہ جلد4ص 377
17-
ابن سعد جلد3ص 589
18-
مجمع الزوائد جلد3ص 3
19-
ابن سعد جلد3ص590
20-
اسد الغابہ جلد4ص 378
21-
ابن سعد جلد3ص587
22-
اسد الغابہ جلد4ص 378

حضرت عمر فاروقؓ
نام ونسب
آپ کانام عمرتھا۔قد لمبا،رنگ گندمی،داڑھی گھنی،جسم مضبوط،آنکھیں سرخی مائل تھیں۔ والد خطاب بن نفیل بن عبدالعزیٰ والدہ حنتمہ بنت ہاشم مخزومیہ ابوجہل کی عم زاد تھیں۔بعض روایات میں حنتمہ بنت ہشام آیا ہے جو ابوجہل کی بہن تھیں۔قدلمباتھا،رنگ سرخی مائل سفید اورجسم بھاری مضبوط تھا۔ نسب آٹھویں پشت میں نبی کریمﷺ سے مل جاتا ہے آپ کے خاندان بنو عدی کے سپرد جھگڑوں کے فیصلے اور سفارت کا منصب تھا۔(1)
حضرت عمرؓ بن الخطاب13 عام الفیل میں پیدا ہوئے۔ رسول اللہﷺ سے عمرمیںتیرہ سال چھوٹے تھے قریش کے معزز خاندان سے تعلق تھا۔ حضرت عمرؓ شرفائے عرب میں رائج الوقت فنون تیر اندازی،شہسواری سے خوب واقف تھے۔مکہ کے قریب عکاظ کے میلے میں کشتی جیتا کرتے تھے۔(2)
وہ اُس زمانے کے چند گنتی کے لوگوں میں سے تھے جو لکھنا پڑھنا جانتے تھے۔ عرب کے دستور کے مطابق آپ نے بھی اپنے لئے تجارت کا ذریعہ معاش اپنایا۔ اس سلسلے میں کئی ممالک کے سفر کیے اور ان سے بہت کچھ سیکھا۔ آپ کی عمر ۲۷ برس ہوگی کہ رسول اللہﷺ نے اعلانِ رسالت فرمایا۔ بادیٔ النظر میں عمر جیسے آزاد منش نوجوان کو یہ اجنبی پیغام اپنے اور اہل وطن کے مزاج کے خلاف نظر آیا اور وہ اس کی مخالفت پر کمر بستہ ہوگئے۔
قبول اسلام
حضرت عمرؓ کے قبولِ اسلام کا واقعہ بہت معروف ہے۔ پہلے پہل وہ سخت نفرت اور تعصب کا اظہارکرتے رہے۔ جو لوگ مسلمان ہورہے تھے ان پر سخت مظالم توڑے۔ جب دیکھا کہ ان کا جبر اورسختی لوگوں کو اسلام سے پیچھے نہیں ہٹا سکی تو ایک روز آنحضرت ﷺکے قتل کے ارادہ سے گھر سے نکلے۔ اُدھر رحمۃ اللعالمینؐ کا یہ حال تھا کہ عمر کے لئے خدا تعالیٰ کے حضور یہ دعائیں کررہے تھے کہ اے اللہ!ابوجہل بن ہشام اور عمربن الخطاب میںسے جو تجھے زیادہ پسند ہے اسے اسلام کی آغوش میں لے آ۔(3)
دراصل یہی دونوں سردار مکہ کی اسلام مخالفقیادت کے بڑے لیڈرتھے۔ آنحضورﷺ کی دعائیں رنگ لائیں اور عمرؓ میںرفتہ رفتہ تبدیلی آنے لگی۔
حضرت عمرؓ کا اپنابیان ہے کہ’’ قبول اسلام سے پہلے ایک دفعہ میں رسول اللہﷺکی تلاش میں نکلا تو آپؐ بیت اللہ میںسورۃالحاقہ کی تلاوت کر رہے تھے میں اس کلام کی حسن و خوبی پر متعجب ہوا اور دل میں کہا کہ’’ یہ شخص شاعر نہیں ہوسکتااسی وقت سے اسلام میرے دل میں گھر کرگیا ۔‘‘(4)
دراصل رسول اللہ ﷺکی دعا سے تقدیر الہٰی حرکت میں آچکی تھی۔حضرت عمرؓ کے قبول اسلام کا فوری سبب وہ واقعہ ہواجب وہ تلوار سونتے ہوئے آنحضور ﷺکے قتل کے ارادے سے گھرسے نکلے۔ راستے میں نعیم بن عبداللہ سے ملاقات ہوئی۔انہوں نے حضرت عمر ؓ سے پوچھا کہ کہاں کا قصدہے؟ حضرت عمرؓ نے کہا میں اس فتنہ کا سدّباب کرنے اور بانی اسلام کے قتل کے ارادے سے نکلا ہوں۔اس نے کہا پہلے اپنے بہن اور بہنوئی کی تو خبر لو،جو مسلمان ہوچکے ہیں۔ وہ اسی حالت میں سیدھا اپنی بہن فاطمہ ؓکے گھر چلے گئے۔ قریب پہنچے تو قرآن شریف کی آواز سنائی دی۔گھر میں داخل ہوکرکہنے لگے ’’جو کلام تم پڑھ رہے تھے پہلے وہ سنائو‘‘ جب انہوں نے کچھ پس و پیش کی تو وہحالت جوش میں بہنوئی سے دست وگریبان ہوگئے۔بہن چھڑانے کے لئے بیچ میںآئیں تو ان کا بھی لحاظ نہ رہااور اس طرح اپنی بہن اور بہنوئی کو لہولہان کربیٹھے ۔اور انہیں کہا ’’اس دین سے واپس لوٹ آئو۔‘‘ حضرت فاطمہؓ بھی آخر حضرت عمرؓ کی بہن تھیں۔ نہایت استقامت سے بولیں ’’یہ نہیں ہوسکتا۔ اے عمر! تم جو چاہو کرگزرو جتنا مرضی ظلم ڈھالو اب تو اسلام میرے دل میںگھر کرچکا ہے۔‘‘ حضرت عمرؓ ایک طرف اپنی بہن کی حالت زار دیکھ کرپشیمان تھے تودوسری طرف انکا آہنی عزم اور استقلال دیکھ کر حیران! آخر عمرؓ کا دل پسیج گیا۔کہنے لگے ’’اچھا مجھے کچھ قرآن تو سنائو ۔‘‘اس پرسورۃ طٰہٰ یا سورۃ حدید کی کچھ آیات آپ کو سنائی گئیں جو اللہ تعالیٰ کی توحید ، عظمت و جبروت اور تسبیح و تحمید پر مشتمل تھیں۔ ان آیات نے حضرت عمرؓ کے دل پر بجلی کا سااثر کیا۔
دوسری روایت میں ہے کہ حضرت عمرؓ نے اپنی بہن کو جسے زدوکوب کرکے خون آلود کر چکے تھے، رات کے پہلے حصّہ میں بھی یہ پڑھتے سنا اِقْرَأ بِاسْمِ رَبِّکَ الَّذِیْ خَلَق(العلق:2)اور رات کے آخری حصّہ میں بھی۔ علی الصبح آپ تلوار ہاتھ میں لیے آنحضرتﷺکی خدمت میں دارارقم میں حاضر ہوگئے۔ جب دروازہ پر دستک ہوئی تو آنحضرت ﷺنے فرمایا کہ عمرؓ کو آنے دو۔ حضرت حمزہؓ کہنے لگے ’’اگر وہ غلط ارادے سے آئے ہیں تو انہی کی تلوار سے ان کا کام تمام کردیا جائے گا۔‘‘ حضرت عمرؓ اندر آئے ۔آنحضرت ﷺنے فرمایا ’’عمرؓ !کس ارادہ سے آئے ہو؟‘‘عرض کیا ’’حضورﷺ! اسلام قبول کرنے کے لئے آپ کی خدمت میں حاضر ہوا ہوں۔‘‘ پھرانہوں نے اسی وقت اَشْھَدُاَن لَااِلٰہَ اِلاَّ اللّٰہُ وَاَنَّ مُحَمَّداً رَّسُوْلُ اللّٰہِ پڑھ کر اللہ تعالیٰ کی توحیداورآپؐ کی رسالت کی گواہی دی توآنحضرت ﷺنے خوشی سے بآوازبلند نعرہ تکبیر بلند کیا۔ (5)
یہ پہلا نعرہ تکبیر تھا جو مسلمانوں نے مکہ میںحضرت عمرؓ کے ہم آواز ہوکر بلند کیا، جس کی آواز بطحاکی پہاڑیوں میں گونجی۔ حضرت عمرؓ کا زمانہ اسلام ساتویں سال نبوت کے قریب بنتا ہے۔
ابتلاء میں استقامت
اس وقت تک چالیسکے قریب لوگ دائرہ اسلام میں داخل ہوچکے تھے۔ اس زمانہ میںاسلام کا اعلانیہ اظہار ظلم اور مصائب کو دعوت دینے کے مترادف تھا۔حضرت عمرؓ نے دانستہ طور پر مکہ کے سب سے زیادہ خبریں پھیلانے والے جمیل جمحی کو اپنے مسلمان ہونے کا بتایا تاکہ ان کے اسلام کا چرچا ہو اوررئوسائے مکہ کو بھی پتہ چلے۔ حضرت عمرؓ کے قبول اسلام کی خبر کااڑنا تھاکہ ایک ہنگامہ برپاہوگیا۔ مشرکین بکثرت ان کے گھر کے گرد جمع ہوئے ۔ وہ نعرے لگارہے تھے کہ عمر بے دین ہوگیا۔ عمرصابی ہوگیا۔ حضرت عمرؓ کہتے تھے ’’نہیں میں مسلمان ہوا ہوں اور میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور محمدؐاللہ کے رسول ہیں۔‘‘ اس دوران کئی دفعہ مشرکین سردارآپؓ پر حملہ آور ہوئے۔ ایک دفعہ عتبہ آپ سے گتھم گتھا ہوگیا۔کفار کے پورے مجمع کے مقابل پر حضرت عمرؓ نے بسا اوقات پورا پورا دن ڈٹ کر مقابلہ کیا۔جو حملہ آوران کے قریب آتا اسے پکڑ لیتے ۔حضرت عمرؓ نے اس موقع پر اعلانیہ کہا کہ’’ اگر ہم مسلمان تین سوافراد ہوگئے تو اے مشرکو!یا تمہیں مکہ کوچھوڑنا ہوگا یاہم اسے تمہارے لئے چھوڑ دیں گے۔‘‘حضرت عمرؓ کے رشتے کے ماموں عاص بن وائل کو اس شدیدمخالفت کاپتہ چلاتو انہوں نے حضرت عمرؓ کو اپنی پناہ میں لینا چاہا ۔ حضرت عمرؓ جیسے بہادرانسان نے گوارا نہ کیا کہ ان کے کمزورمسلمان بھائی توماریں کھائیں اور صبر سے مظالم برداشت کریں اور وہ حالات کا مقابلہ کرنے کی بجائے اپنے طاقتوررشتہ داروں کی پناہ لے لیں۔ انہوں نے حالات کا مقابلہ کرنے کی ٹھانی اور آنحضرتﷺ سے درخواست کی کہ خانہ کعبہ جاکر اعلانیہ نماز ادا کی جائے۔ آنحضرت ؐ مسلمانوں کو ہمراہ لے کر حضرت عمر ؓ کے ساتھ صحن کعبہ میں پہنچے او روہاں نماز ادا کی گئی۔مکہ میں یہ پہلا موقع تھا جب مسلمانوں نے اعلانیہ اسلام کااظہار کیا۔ رسول خدا ﷺنے حضرت عمرؓ کو ’’فاروق‘‘ کا لقب عطافرمایا۔ یعنی حق وباطل میں فرق کرنے والاوجود۔(6)
ہجرت مدینہ
جب مسلمانوں کو ہجرت کی اجازت ہوئی تو حضرت عمرؓ نے بھی ہجرت کا ارادہ کیا اور ہجرت بھی بڑی شان سے کی۔ نبی کریمﷺ سے اجازت لے کر چند ساتھیوں کے ہمراہ پہلے خانہ کعبہ پہنچے۔ طواف کرکے مشرکین کو مخاطب کرکے کہا’’ آج جس نے بھی میر امقابلہ کرنا ہے حرم مکہ سے باہر آ کرکرلے‘‘ لیکن کسی کو اس کی ہمت نہ ہوئی۔ حضرت عبداللہؓ بن مسعود کہا کرتے تھے کہ ’’حضرت عمرؓ کے قبول اسلام کے بعد ہم اپنے آپ کو طاقتور محسوس کرنے لگے تھے۔‘‘ (7)
مدینہ پہنچ کرحضرت عمرؓ نے نواحی بستی قبامیں قیام کیاپھر آنحضرت ؐ ہجرت کرکے مدینہ تشریف لائے۔مؤاخات کا سلسلہ قائم ہواتو قطبہؓ بن مالک انصاری حضرت عمرؓ کے اسلامی بھائی قرارپائے۔
اذان کا مشورہ
حضرت عمرؓ اب آنحضرتﷺکے قریبی ساتھی اور مشیر بھی تھے انہیں بہت عمدہ اور صائب مشورے پیش کرنے کی توفیق ملی۔ مدینہ میں پنجگانہ نمازوں کے اوقات کی تعیین کے مسئلے پر جب مشورہ ہوا توصحابہ نے آگ جلاکر ، سینگ پھونک کر یا ناقوس بجاکر لوگوں کو اکٹھاکرنے کی تجاویز دیں۔حضرت عمرؓنے یہ مشورہ دیا کہ ’’کیوں نہ ایک آدمی مقرر کیا جائے جو لوگوں کو نماز کے لئے بلائے ۔‘‘رسول اکرمﷺ کو یہ تجویزپسندآئی اس کے بعد اذان کے کلمات رؤیا کے ذریعے حضرت عمرؓ اور ایک اور صحابی عبداللہؓ بن زید کو سکھائے گئے۔ آنحضرت ﷺ نے وہ کلمات سن کر حضرت بلال ؓ سے فرمایاکہ یہ کلمات بآواز بلندپڑھ کر تم لوگوں کونماز کے لئے بلائو۔حضرت عمرؓ نے جب اپنی رؤیا حضورﷺکو سنائی تو آپؐ نے فرمایا’’اس کے موافق وحی بھی آچکی ہے۔‘‘(8)
دوسری تفصیلی روایت میں ذکرہے کہ اذان نبی کریمﷺ کو معراج کی رات بذریعہ وحی سکھائی گئی۔ (9)
غزوات میں شرکت
قریش مکہ نے مدینہ میں بھی آنحضرتﷺ اورآپ کے ساتھیوں کو سکھ کا سانس نہ لینے دیا اور مدینہ پر چڑھائی کردی۔ غزوات کاسلسلہ شروع ہوا تو حضرت عمرؓ ہمیشہ آنحضرت ﷺکے دست وبازوبن کررہے۔ غزوئہ احد میں جب خالد بن ولید کے دستے نے اچانک دوبارہ حملہ کرکے مسلمانوں کو تتربتر کردیا۔نبی کریم ﷺ صحابہ کی ایک مختصرجماعت کے ہمراہ پہاڑکے دامن میں تشریف لائے۔ خالد نے ادھر کا رخ کرنا چاہا۔ رسول اللہﷺنے دعا کی۔’’ خدایا! یہ لوگ یہاں نہ پہنچ پائیں۔‘‘ حضرت عمرؓ چند مہاجرین اور انصار کو لے کر آگے بڑھے اور حملہ کرکے خالد کے دستے کو پسپا کردیا۔ اس موقع پر حضرت عمرؓ کی غیرت ایمانی خوب ظاہر ہوئی۔ جب ابوسفیان طعنہ دے کریہ کہہ رہا تھا کہ ہم نے محمدؐ کو قتل کردیا ۔ہم نے ابوبکرؓ کو قتل کردیا۔ہم نے عمرؓ کو قتل کردیا۔اگر یہ زندہ ہوتے تو جواب دیتے۔ حضرت عمرؓ سے ضبط نہ ہوسکا اورجوش سے کہا’’ اے دشمن خدا! تم جھوٹ کہتے ہو،یہ سب تمہیں ذلیل کرنے کے لئے اللہ کے فضل سے زندہ موجود ہیں۔ ‘‘ (10)
صلح حدیبیہ میں
۶ ہجری کے سفرحدیبیہ میں بھی حضرت عمرؓ شریک تھے۔ اس موقع پر آپ کو ایک ابتلاء بھی پیش آیا۔ معاہدہ صلح کی بظاہر مسلمانوں کے مخالف شرائط دیکھ کرحضرت عمرؓ آنحضرتﷺ سے کہنے لگے یارسولؐ اللہ! کیا ہم حق پر نہیں ہیں؟ حضورؐ نے فرمایا ہاںحق پر ہیں۔عرض کیا پھر ہم باطل سے دب کر صلح کیوں کررہے ہیں؟ پھر سوال کیا کہ کیا آپؐ نے ہمیں یہ نہیں فرمایا تھا کہ ہم امن سے طواف کریں گے؟آنحضرتﷺ نے فرمایا کہ ہاں لیکن کیا میں نے یہ کہا تھا کہ اسی سال طواف کریں گے؟ حضرت عمرؓ نے عرض کیا نہیں یا رسولؐ اللہ آپ نے یہ تو نہیں فرمایا۔ حضورؐ نے فرمایا کہ ’’میں اب بھی یہ کہتا ہوں کہ ہم امن کے ساتھ طواف کریں گے ۔‘‘ آنحضرت ؐ نے اس موقع پر حضرت عمرؓ کو مزید تسلی دیتے ہوئے فرمایا کہ’’ میں خدا کا رسول ہوں اور خدا کے حکم کے بغیر کچھ نہیں کرتا اور وہی میرا ساتھی اور مددگار ہے۔‘‘ حضرت عمرؓ کو بعد میں اپنے ان سوالات کی وجہ سے بہت ندامت ہوتی تھی۔ اس کی تلافی کے طور پر انہوں نے بہت صدقہ اور خیرات بھی کیا۔ خیر!معاہدہ صلح ہوا جس پر حضرت عمرؓ کے بھی دستخط ہوئے اور رسول اللہ ﷺنے واپسی کا سفر اختیار فرمایا۔
حدیبیہ سے واپسی کے دوران سورۃ فتح نازل ہوئی آنحضرتؐ نے سب سے پہلے حضرت عمرؓ کویادفرمایا۔حضرت عمرؓ کہتے ہیں ’’میں سخت خوف زدہ تھا کہ آنحضرت ﷺکا بلاوا ہے کہیں میرے بارہ میں ہی کوئی وحی نہ اتری ہو۔‘‘جب حضوؐرکی خدمت میںحاضر ہوا توآنحضرتﷺ نے فرمایا ’’آج مجھ پر ایک ایسی سورت نازل ہوئی ہے جو مجھے دنیا کی تمام چیزوں سے زیادہ پیاری ہے پھر رسول اکرمؐ نے سورۃ فتح کی ابتدائی آیات سنائیں۔اِنَّا فَتَحْنَالَکَ فَتحاً مُبِیناً۔یعنی ہم نے تجھے کھلی کھلی فتح عطا کی ہے۔‘‘(11) اس میں یہ اشارہ تھا کہ حدیبیہ کی یہ صلح آئندہ عظیم الشان فتوحات کی پیش خیمہ بننے والی ہے اور اپنی ذات میں ’’فتح مبین ‘‘ہے۔فتح حدیبیہ کے معاً بعد اس کی برکت سے خیبر فتح ہوا۔
فتح خیبرمیں خدمات
فتح خیبر کے موقع پر جن جرنیلوں کو باری باری سپہ سالاری کی خدمت سونپی گئی۔ اُن میں حضرت ابوبکرؓ اور حضرت عمرؓ بھی تھے۔ اگرچہ خیبر کی آخری فتح حضرت علیؓ کی سالاری میںمقدر تھی مگراس میں حضرت عمرؓ کی ایک خاص خدمت کا بھی دخل ہے۔ ہوا یوں کہ فتح خیبر سے ایک رات قبل حضرت عمرؓ حفاظتی گشت پر مامور تھے۔ اس دوران وہ کچھ یہودی جاسوس گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ جو قلعہ سے مسلمانوںکے احوال معلوم کرنے نکلے تھے۔ حضرت عمرؓ نے اُن کوگرفتار کرکے قلعہ کے کمزور مقامات کے متعلق اور دیگر معلومات حاصل کرلیں۔ یہ سب باتیں اگلے روز فتح خیبر میں بہت ہی ممدّ اور معاون ثابت ہوئیں۔ یوں حضرت عمرؓ نے فتح خیبر میں ایک اہم کردار ادا کیا۔جب وہ جاسوس کو پکڑ کر آنحضورﷺکی خدمت میں لے گئے تو آپؐ اس وقت نماز تہجد میں دعائوں میں مصروف تھے۔یہ تمام احوال اورمعلومات حضوؐرکی خدمت میں پیش کی گئیں۔اگلے روزحضرت علی کرم اللہ وجھہ کے ذریعہ یہ فتح ظہور میں آئی۔(12)
غزوہ تبوک میں بھی حضرت عمر ؓ شریک ہوئے اور اس موقع پر غیرمعمولی مالی قربانی کی توفیق پائی۔
وفات رسولؐپر ردعمل
۱۰ھ میں آنحضرتﷺکی وفات ہوئی۔ صحابہؓ غم کے مارے دیوانے ہوئے پھرتے تھے۔ حضرت عمرؓ جیسے عاشق رسولؐ نے اس موقع پر وارفتگی کے عالم میں مسجد نبوی میں یہ اعلان کردیا کہ جو شخص یہ کہے گا کہ آنحضورﷺ فوت ہوگئے ہیں میں اُس کا سرتن سے جداکردوں گا۔ حضرت ابوبکرؓ نے اس موقع پر نہایت جرأت سے خطبہ ارشادفرمایا اورآیت وَمَا مُحَمَّدٌ اِلَّا رَسُوْلٌ قَدْخَلَتْ مِنْ قَبْلِہِ الرُّسُلْ (آل عمران :145)تلاوت کرکے اعلان کیا کہ محمدؐ تو ایک رسول ہی تھے اور آپ سے پہلے تمام رسول وفات پاچکے ۔ لہٰذا آپؐ کا وفات پانا کوئی اوپری بات نہیں۔ حضرت عمرؓ کہتے ہیں کہ قرآن تو میں پہلے بھی پڑھتا تھا مگر اُس وقت مجھے ایسے لگا جیسے یہ آیت اس وقت نازل ہوئی ہو۔ جب یہ احساس ہوا کہ واقعی آنحضورﷺ وفات پاگئے ہیں توحالتِ سکتہ میں لگا جیسے کسی نے میری ٹانگیں کاٹ دی ہیں اور میں زمین پر ڈھیر ہوگیا۔ پھر تو مدینہ کی ہرگلی میں ہر شخص کی زبان پر یہ آیت تھی اور وہ روتے ہوئے گزشتہ تمام انبیاء کی وفات کی اس دلیل سے آنحضورﷺکی وفات کا اعلان کررہے تھے۔ (13)
خلافتِ ابوبکرؓاور حضرت عمرؓ کا کردار
رسول اللہﷺ کی وفات کے بعدامت کے لئے سب سے اہم مسئلہ خلافت راشدہ کا قیام تھا۔انصار اپنے سردار سعدؓ بن عبادہ کے ڈیرے پر جمع ہوئے۔ اس وقت بہت نازک صورتحال پیدا ہوگئی جب انصار میں سے بعض نے یہ سوال اُٹھایا کہ انصار کا الگ امیر اور مہاجرین کاالگ امیر مقررہو۔حضرت ابوبکرؓ،حضرت عمرؓ اور حضرت ابوعبیدہ ؓ بھی وہاں پہنچے۔ پہلے حضرت عمرؓ بولنے لگے۔عمرؓ فرماتے تھے کہ میں اس موقع پر بولنے کے لئے تیاری کرکے گیاتھا۔ مجھے خلافت کی ہرگزکوئی خواہش نہ تھی میرا خیال تھا کہ شاید ابوبکرؓ وہ بات نہ کرسکیں گے۔ مگر ابوبکرؓ نے جب بات کی تو خوب اس کا حق ادا کیا اور فرمایا کہ ’’ہم مہاجرین اور انصار مل کر یہ نظام چلائیں گے۔ ہم امراء ہوں گے تو تم ہمارے وزیر ہوگے۔ بے شک عمرؓ کی بیعت کرلو یا ابوعبیدہؓ کی۔‘‘اس پر حضرت عمرؓ نے کہا ’’نہیں بلکہ اے ابوبکرؓ !ہم آپ ؓ کی بیعت کریں گے کہ آپ اور صرف آپ ہی ہمارے سردار اور ہمیں سب سے پیارے ہیں۔‘‘ پھر حضرت عمرؓ نے ابوبکرؓ کا ہاتھ پکڑ کر بیعت کی درخواست کی۔(14)
حضرت ابوبکرؓ کی بیعت کے بعد حضرت عمرؓان کے دست راست مشیر اور وزیر کے طور پر خدمات بجالاتے رہے۔حضر ت ابوبکرؓ نے خلافت کی مصروفیات کے باعث قضاکے معاملات حضرت عمرؓ کے سپرد فرما دئے تھے ۔ اس لحاظ سے آپ اسلام کے پہلے باقاعدہ قاضی تھے۔(15)
منصب خلافت اور پہلی تقریر
حضرت ابوبکرؓ نے آخری بیماری میں حضرت عمرؓ کو خلیفہ نامزد فرمایا۔ ان کی سخت طبیعت کی وجہ سے بعض لوگوں کو پریشانی ہوئی۔ حضرت طلحہؓ اور حضرت علیؓ نے حضرت ابوبکرؓ سے عرض کیا کہ آپ نے کسے جانشین مقرر کیا ہے۔ فرمایا ’’عمرکو‘‘عرض کیا خدا کے حضور کیا جواب دیں گے فرمایا’’ میں عمرؓ کو تم دونوں سے زیادہ جانتا ہوں۔ میں خدا کی بارگاہ میں عرض کروں گا کہ میں نے موجود لوگوں میںسے سب سے بہتر کو جانشین مقرر کیا۔‘‘ حضرت ابوبکرؓ کی وفات جمادی الآخر13ھ میں ہوئی اورحضرت عمرؓ مسند خلافت پر متمکن ہوئے ۔آ پؓ نے اپنی پہلی تقریر میں فرمایا’’اے لوگو !مجھے تمہارے ذریعہ اور تمہیں میرے ذریعہ میرے دونوں ساتھیوں کے بعد آزمائش میں ڈالا گیا ہے۔ جو لوگ ہمارے سامنے موجود ہیں ان سے ہم خود معاملہ کریں گے اور جو یہاں نہیں وہاں مضبوط اور امانت دار والی مقرر کر دیں گے۔جو نیکی کرے گا ہم اس سے حسن سلوک کریں گے اور جو برائی کا مرتکب ہوگا ہم اسے سزا دیں گے۔ اللہ آپ کو او رہمیں معاف فرمائے۔پھر خدا کے حضوریہ دعا کی اے اللہ میں سخت ہوں مجھے نرم کردے،میں کمزور ہوں مجھے طاقتور کردے،میں بخیل ہوں مجھے سخی بنادے۔‘‘(16)
فتوحات عمرؓ
۱۳ ھ میں جب حضرت ابوبکرؓ کی وفات کے بعد ان کی وصیت کے مطابق حضرت عمرؓ خلیفہ ہوئے ۔عراق میں اسلامی فوجیں برسرپیکار تھیں۔ ان فتوحات کی تکمیل ان کے عہد میں ہوئی۔اس زمانے میں ایران سے بھی جنگ شروع ہوچکی تھی۔آپ خود اس کی قیادت کرنے کے لئے مدینہ سے روانہ بھی ہوگئے مگربعض صحابہ کے مشورے پر واپس تشریف لائے۔تاہم اپنی ذاتی نگرانی میں عراق، ایران ، شام کی مہمات مکمل کروائیں۔ ان کے دس سالہ دور خلافت میں عراق وشام اور ایران ومصر میں اسلامی جھنڈا لہرانے لگا۔ آرمینیا،آذربائی جان اور جزائر بھی اسی دور میں فتح ہوئے۔(17)
عراق وشام کی فتوحات حضرت خالد ؓبن ولید کی قیادت میں ہوئیں،جنہیں رسول خداﷺ نے سیف اللہ یعنی اللہ کی تلوار کا خطاب دیاتھا۔حضرت عمرؓ ان کی فن حرب کی صلاحیتوں اور شجاعت کے معترف تھے ۔ انہیں کئی معرکوں کا قائد مقررفرمایا لیکن جب محسوس کیا کہ خلافت کے ادنیٰ اور مخلص غلام خالدؓ کے بارہ میں لوگوں میں غلط فہمی پیدا ہورہی ہے تو ان کی جگہ حضرت ابوعبیدؓہ کو سالارلشکرمقررفرمایا۔ حضرت خالدؓ اطاعت کا بے مثال مظاہرہ کرتے ہوئے ایک سپاہی کی حیثیت سے بدستوربہادری کے جوہر دکھاتے رہے۔
حضرت عمرؓ نے یہ ارشاد فرما کرحضرت خالدؓکوہر الزام سے بری قرار دیا ہے کہ’’ میں نے تمہیں کسی شبہ کی بناء پر امارت سے معزول نہیں کیا بلکہ تمہارے بارہ میں لوگوں کی رائے میں خوش فہمی غالب ہونے سے اندیشہ ہوا کہ وہ تمہیں گمراہ نہ کردے۔‘‘اسی طرح فرمایا کہ’’ میں نے خالدؓ کو اسلئے معزول کیا تامعلوم ہوکہ اللہ اپنے دین کی خود مدد فرماتا ہے۔‘‘(18)
حضرت عمرؓ کے عہد میں قادسیہ میں ایرانیوں سے فیصلہ کن جنگ ہوئی۔شام کی فتوحات کاآخری فیصلہ یرموک میں ہوا۔ حضرت عمرؓ اس فتح کی خبرسنتے ہی سجدئہ شکربجالائے تھے۔
فتح بیت المقدس کے موقع پر عیسائیوں کے اسقف(مذہبی سربراہ اعلیٰ) کی اس خواہش پر کہ امیر المؤمنین خود تشریف لاکر معاہدہ صلح کریں۔حضرت عمرؓ نے ۱۶ھ میں بیت المقدس کاسفر اختیار کیا اور یوں اس تاریخی فتح کی تکمیل ہوئی۔
شہادت عمرؓ
حضرت عمرؓ کی شہادت کے بارہ میں بھی رسول کریمﷺنے پیشگی خبردیدی تھی۔ جب احد پہاڑ پر آپؐ کے ساتھ حضرت ابوبکرؓ عمرؓ اور عثمانؓ تھے آپؐ نے فرمایا تھااے احدتھم جاکہ تیرے اوپر ایک نبی، ایک صدیق اور دوشہید ہیں۔(19)
اسی طرح رسول اللہﷺ نے جنت میں حضرت عمرؓ کا شاندار محل دیکھ کررشک کا ذکرفرمایا اور ان کے نیک انجام کی خبر دی تھی۔حضرت عمرؓ دعا کیا کرتے تھے کہ اے اللہ مجھے اپنی راہ میں شہادت عطاکرنا اور مجھے اپنے رسولؐ کے شہر میں موت دینا۔(20)
خودحضرت عمرؓ نے اپنی شہادت سے کچھ روزپہلے کہا ’’اے لوگو! میں نے ایک خواب دیکھی ہے جس سے میں سمجھتا ہوں کہ میرا وقت قریب آگیا ہے ۔ میں نے ایک سرخ مرغ دیکھا جس نے مجھے دو دفعہ چونچیں ماریں ۔میں نے یہ خواب اسمائؓ بنت عمیس سے بیان کی تو انہوں نے یہ تعبیر کی کہ مجھے کوئی عجمی شخص قتل کرے گا۔‘‘(21)
حضرت عمرؓ پر نماز فجر پڑھاتے ہوئے حملہ کیا گیا تھا۔ ظالم قاتل دودھاری چھرا لے کر حملہ آور ہوا اور حضرت عمرؓ کے کندھے اور پہلو میں حملہ کیا۔ پھر دائیں بائیں لوگوں پر بھی چھرے سے وار کرتاگیا۔ جس سے تیرہ نمازی زخمی ہوئے۔ ان میں سے سات شہید ہوگئے۔بالآخر قاتل پر کمبل پھینک کر اسے پکڑلیاگیا۔ حملہ آور نے خود کشی کرلی۔ حملہ کے بعد حضرت عمرؓ نے خود عبدالرحمنؓ بن عوف کا ہاتھ پکڑکر انہیں امام کی جگہ کھڑا کردیاتھاجنہوں نے سورۃ کافرون اوراخلاص کے ساتھ مختصر نماز پڑھائی۔ حضرت عمرؓ کواُٹھا کر گھر لے جایا گیا۔ انہوں نے حضرت ابن عباسؓ سے فرمایا پتہ کریں حملہ کرنے والا کون تھا؟ وہ معلوم کرکے آئے اور بتایا کہ وہ مغیرہؓ کا غلام ابولؤلومجوسی تھا۔ حضرت عمرؓ نے پوچھا ،وہ جو کاریگر تھا۔انہوں نے کہا ہاں اس پر خوش ہوکر فرمایا’’ میں نے تواس سے حسن سلوک کا ہی حکم دیا تھا۔اللہ کا شکر ہے کہ میری موت کسی مسلمان کہلانے والے کے ہاتھ سے نہیں ہورہی۔‘‘آپؓ کو دودھ پلایا گیا تو وہ زخم سے بہ نکلا۔مسلمانوں نے اندازہ کرلیا کہ وہ جانبرنہ ہوسکیں گے۔(22)
خوف خدا
آخری وقت میں حضرت ابن عباس ؓ نے گھبراہٹ دیکھ کر تسلی دلاتے ہوئے عرض کیا کہ آپ نے رسول اللہﷺکی محبت کا حق ادا کردیا ۔ حضوؐر آپ سے بوقت وفات راضی تھے۔ حضرت ابوبکرؓ کا دور بھی آپؓ نے وفا سے نبھایا اور وہ آپ ؓسے راضی ہوکر رخصت ہوئے۔ پھر حضورﷺکے صحابہ سے واسطہ پڑا اور آپؓ نے ان کا بھی خوب حق ادا کیا اور آپؓ کی جدائی کے وقت وہ سب آپ سے راضی ہیں۔ حضرت عمرؓ نے کمال انکساری سے فرمایا :۔
’’رسول اللہﷺ اور حضرت ابوبکرؓ کا مجھ سے راضی ہونا تو واقعی اللہ کا احسان ہے۔البتہ میری یہ گھبراہٹ آپ اور آپ کے اصحاب کی وجہ سے ہے کہ نامعلوم ان کے حق ادا کرسکا ہوں یا نہیں؟ خدا کی قسم اگر میرے پاس زمین کے برابر سونا ہوتا تو اللہ کے عذاب سے بچنے کے لئے پیش کردیتا۔پہلے اس سے کہ اس عذاب کو دیکھوں۔‘‘(23)
علی بن زید بیان کرتے ہیں جب حضرت عمرؓ کو خنجر مارا گیا تو حضرت علی ؓ عیادت کو آئے اور آپؓ کے سرہانے بیٹھ گئے۔ اسی اثنا میں حضرت عبداللہؓ بن عباس بھی آگئے اور آپ کی تعریف کرنے لگے۔ حضرت عمرؓ نے فرمایا۔ ابن عباسؓ تم جو کہہ رہے ہوکیا اس کی گواہی دو گے؟ حضرت علیؓ نے اشارہ سے حضرت ابن عباسؓ سے ہاں کہنے کو کہا۔ حضرت ابن عباسؓ نے کہا جی حضور! تو حضرت عمرؓ نے فرمایا۔ ’’تم اور تمہارے ساتھی مجھے کسی دھوکہ میں مبتلا نہیں کرسکتے۔‘‘ پھر آپؓ نے حضرت عبداللہ ؓبن عمرسے فرمایا۔’’ میرا سرتکیہ سے اٹھاکر مٹی پہ رکھ دو شاید کہ خدا مجھ پر نظرکرم کرے اوررحم فرما دے۔‘‘(24)
معیت رسول ﷺکی خواہش
بوقت بوفات حضرت ابن عمرؓ سے فرمایا کہ امّ المؤمنین عائشہؓ سے جاکر میراسلام عرض کرو اور ’’امیرالمؤمنین‘‘ کے الفاظ میرے لئے استعمال نہ کرنا کیوں کہ آج کے بعد میں مسلمانوں کا امیر نہیںرہوں گا۔ان سے کہنا ’’ عمربن الخطابؓ اپنے دونوں ساتھیوں کے ساتھ حجرۂ عائشہؓ میں زمین کی اجازت چاہتے ہیں۔‘‘ حضرت ابن عمرؓ گئے تو وہ بیٹھی رورہی تھیں۔انہوں نے پیغام پہنچایا تو حضرت عائشہؓ نے فرمایا ’’میں نے یہ جگہ اپنی قبر کے لئے رکھی ہوئی تھی مگر آج حضرت عمرؓ کی خاطر انہیں اپنے اوپر ترجیح دیتے ہوئے قربانی کرتی ہوں۔‘‘
حضرت ابن عمرؓ جب واپس آئے اور حضرت عمرؓکو اطلاع ہوئی توفرمایا مجھے اُٹھاکربٹھائو پھر ابن عمرؓ سے پوچھا کیا خبر لائے؟ عرض کیا اے امیر المؤمنین! آپ کی خواہش کے مطابق حضرت عائشہؓ نے اجازت دے دی ۔ فرمانے لگے۔ ’’الحمدللہ! میری ذات کے لئے اس سے اہم کوئی چیز نہیں تھی۔ جب میری وفات ہوجائے تو میرا جنازہ اُٹھا کر وہاں لے جانا اور ایک دفعہ پھر حضرت عائشہؓ سے اس طرح اجازت طلب کرنا کہ عمرؓبن خطاب آپ کے حجرہ میں تدفین کی اجازت چاہتے ہیں اگر وہ اجازت دیں تو مجھے وہاں دفن کردینا ورنہ مسلمانوں کے عام مقبرہ میں تدفین کرنا۔‘‘(25)
چنانچہ اپنے آقاومولا اور ساتھیوں کے پاس حجرۂ عائشہ میں آپ کی تدفین ہوئی۔ حضرت ابن عباسؓ بیان کرتے ہیں کہ جب حضرت عمرؓ کا جنازہ رکھاگیا تو لوگ حضرت عمرؓ کے حق میں دعائیں کررہے تھے کہ ناگاہ ایک شخص نے میرے کندھے پر ہاتھ رکھا اور حضرت عمرؓ کو مخاطب کرکے کہا ’’اللہ آپ پر رحم کرے۔ مجھے یقین تھاکہ اللہ تعالیٰ آپ کو اپنے دونوں ساتھیوں کے ساتھ اکٹھا کردے گا کیونکہ میں اکثر رسول اللہ ؐ کو فرماتے سنتا تھا ’’میںتھا اور ابوبکرؓ وعمرؓ تھے‘‘۔ ’’میں نے اور ابوبکرؓوعمرؓ نے فلاں کام کیا‘‘۔’’ میں اور ابوبکرؓ و عمرؓ فلاں جگہ گئے۔‘‘ اس بناء پر مجھے امیدتھی کہ اللہ تعالیٰ آپ کو ان کے ساتھ ہی جگہ دے گا۔ابن عباسؓ کہتے ہیں میں نے پیچھے مڑ کر دیکھا تو یہ حضرت علیؓ بن ابی طالب تھے۔(26)
حضرت عمرؓ کی وفات پر مسلمانوں نے دیکھا کہ حضرت عمرؓ کے حکم کے مطابق فرض نمازیں انہیں حضرت صہیب پڑھارہے تھے۔چنانچہ حضرت صہیبؓ کو آگے کردیا گیااور انہوں نے حضرت عمرؓ کی نماز جنازہ پڑھائی۔حضرت عمرؓ 23ذوالحجہ 23ھ کو قریباًساٹھ سال کی عمر میں شہید ہوئے۔ آپ کا زمانہ خلافت ساڑھے دس برس تھا۔(27)
استحکام خلافت اور شوریٰ
حضرت عمرؓنے اپنے خداداد نوربصیرت سے استحکام خلافت کے سلسلہ میں عظیم الشان کردار ادا کیا اور انتخاب خلافت کاپختہ اصول رائج فرمادیا۔ آپ کی خدمت میں اپنے بعد خلیفہ مقرر کرنے کی درخواست کی گئی تو آپ نے اس سے پس وپیش کیا پھر ایک روز اپنے خطبہ میں ارشادفرمایا کہ’’ میری وفات کے بعد خلافت کا فیصلہ چھ افراد کی یہ کمیٹی کرے گی جن میں علی ؓبن ابی طالب، عثمانؓ بن عفان، طلحہؓ بن عبداللہ،سعدؓ بن مالک ہونگے۔ یہ وہ بزرگ صحابہ ہیں کہ رسول اللہؐ بوقت وفات ان سے راضی تھے۔ اور سنو میں تمہیں حکومت، عدل اور تقسیم مال کے بارے میں اللہ کے تقویٰ کی وصیت کرتا ہوں۔‘‘حضرت عمرؓ نے اس کمیٹی کوجسے آپ نے شوریٰ قراردیا۔ ہدایت فرمائی کہ’’ تم باہم مشورہ سے خلیفہ کا انتخاب کرنا ۔ اگرتین طرف دودوآراء ہوجائیں تو پھر مجلس شوریٰ ہی فیصلہ کرے گی ورنہ کثرت رائے کے مطابق فیصلہ ہوگا۔ اگر دو طرف آراء تین تین ہوجائیں تو عبدالرحمانؓ کی رائے جس طرف ہوگی وہ قبول کرنا۔‘‘ اس طرح آپ نے گویا حضرت عبدالرحمانؓ کو کمیٹی کا کنوینر مقرر کرکے انہیں حتمی رائے کاحق دیا۔ نیز کمیٹی کو تین دن میںفیصلہ کا پابند کیا۔انتخاب خلافت کی درمیانی مدّت کے لئے آپ نے حضرت صہیبؓ رومی کو نمازوں کے لئے امام مقررفرمایا۔ شوریٰ کے آخری فیصلہ کا انکار یا مخالفت کرنے والے کے لئے سخت احکامات جاری فرمائے۔ خلافت کمیٹی کے اراکین قدیم مہاجرین صحابہ تھے۔ اس کے اجلاس کو پُرامن اور یقینی بنانے کے لئے مزید یہ اہتمام فرمایا کہ اپنی وفات سے چندلمحے قبل ایک مخلص اور وفاشعار عاشقِ رسولؐ انصاری صحابی حضرت ابوطلحہؓ کوجو مدینہ کے سرداروں میں سب سے صاحب اثروثروت تھے۔ پیغام بھجوایا کہ ’’اے ابوطلحہؓ!آپ اپنی قوم کے پچاس انصار ساتھیوں کے ساتھ ان اصحاب شوریٰ کے ساتھ حفاظت کی ڈیوٹی دینا اور ان پر تیسرادن گزرنے نہ دینایہاں تک کہ وہ ارکان شوریٰ میں سے کسی ایک کو اپنا خلیفہ مقرر کرلیں۔‘‘ احساس ذمہ داری کا یہ عالم تھا کہ انتظامات کرنے کے بعد پھر حضرت عمرؓ نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی ’’ اے اللہ! اب تو ان پر میری طرف سے جانشین اور نگہبان ہوجا۔‘‘(28)
حضرت عمرؓ نے شوریٰ کمیٹی برائے خلافت میں اپنے بیٹے حضرت عبداللہ بن عمرؓ کوبھی رکن نامزدکیا تھامگر ساتھ ہدایت فرمائی کہ ان کا نام خلافت کے لئے پیش نہ ہوسکے گا۔
پھر فرمایا’’ میں اپنے بعد آنے والے خلیفہ کو قدیم ہجرت کرنے والے بزرگ صحابہ کے لئے وصیت کرتاہوں کہ ان کا حق پہچانیں اور ان کا پورا احترام کریں۔ دوسرے انصار کے حق میں وصیت کرتا ہوں۔ جن کا قرآن میں ذکر ہے کہ انہوں نے ایمان کو اور مہاجرین کو اپنے پاس جگہ دی کہ ان کے نیک لوگوں کی نیکی قبول کرتے ہوئے ان سے بہتر سلوک کیا جائے اور غلطی کرنے والے سے عفو کیا جائے۔ عام شہروں کے باشندوں کے بارے میں بھی میںنیک سلوک کی وصیت کرتا ہوں کہ یہ اسلام کی ڈھال، آمدنی کا ذریعہ اور دشمن کے لئے رعب ودبدبہ کا موجب ہیں۔ ان سے ان کی خوشی کے مطابق صرف بچت میں سے ہی ٹیکس لئے جائیں۔ میں عرب کے بدوؤں کے بارے میں بھی نیک سلوک کی وصیت کرتا ہوں کہ یہ عرب کی جڑ اور مسلمانوں کی جمعیّت ہیں۔ ان کے زائد اموال میں سے کچھ لے کر ان کے فقراء میں تقسیم کردیا جائے۔ میں خلیفہ کو وصیت کرتاہوں کہ اللہ اور اس کے رسول کا عہد پورا کیاجائے اور عام رعایا کے عہد بھی پورے کئے جائیں اور ان کی حفاظت کی خاطر جنگ بھی کرنی پڑے تو کی جائے اور ان کی طاقت سے زیادہ ان پر بوجھ نہ ڈالے جائیں۔‘‘(29)
ازواج و اولاد
اسلام کی خاطر حضرت عمرؓ نے ہرقسم کی قربانیاں دیں۔ اپنا گھر باراور ازواج خدا کی خاطر جس چیزکو چھوڑنا پڑاچھوڑدیا۔ دوبیویوں کو مشرک ہونے اور مکہ میں رہ جانے کے باعث طلاق دینا پڑی۔ایک مکہ میں مسلمان ہونے کی حالت میں فوت ہوگئیں۔ایک اور بیوی کو بھی طلاق کی نوبت آئی۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کو ان سے بہتر ازواج عطا فرمائیں۔ ایک شادی عاتکہؓ بنت زید سے ہوئی۔(30)
رسول اللہؐ سے حضرت حفصہ ؓ کے ذریعہ مصاہرت کا رشتہ تھا۔خاندان نبوت سے مزید تعلق کی خاطر ۱۷ھ میں حضرت فاطمہؓ اور حضرت علی ؓ کی صاحبزادی ام کلثوم ؓ سے حضرت عمرؓ نے عقد کیا اورفرمایا کہ’’ میں نے رسول اللہ ﷺسے سنا ہے کہ قیامت کے دن سبب اور نسب منقطع ہوگا سوائے میرے سبب اور نسب کے ،میں پسند کرتا ہوں کہ رسولؐ اللہ سے میرا تعلق سببی و نسبی پختہ ہو۔‘‘چنانچہ حضرت علی ؓ نے اپنی بیٹی ام کلثوم ؓ اما م حسینؑ و حسنؑ کے مشورہ سے حضرت عمرؓکوبیاہ دی ۔ (31)
مختلف بیویوں سے نو بیٹے تھے۔ جن میں عبداللہؓ کے علاوہ عبیداللہ اورعاصم علم وفضل میں خاص مشہور ہوئے۔ وہ رسول اللہ ﷺکے نقشِ قدم پر چلنے والے تھے۔
علم وفضل
حضرت عمرؓ کو اللہ تعالیٰ نے خاص علم اورفضل سے نوازا تھا۔آنحضورﷺ نے ایک دفعہ علم وفضل کے متعلق اپنی ایک رؤیاء بیان فرمائی جس میں آپؐ نے دیکھا کہ’’ آپؐ نے دودھ پیا اور اتنا سیر ہوکر پیا کہ وہ آپؐ کے ناخنوں سے باہرنکلنے لگا۔ پھر آپؐ نے یہ برتن حضرت عمرؓ کو دے دیا۔صحابہ نے پوچھا کہ آپؐ نے اس کی کیا تعبیر فرمائی؟آپؐ نے فرمایا اس کی تعبیرعلم ہے۔ حضرت عمرؓ نے میرے علم سے وافر حصہ پایا ہے۔‘‘
دوسری رؤیاء کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ ’’میں نے خواب میں بعض لوگوں کو قمیصیں پہنے دیکھا ہے۔بعض اصحاب نے تو بہت چھوٹے چھوٹے قمیص پہنی ہوئے تھے بعض کے قمیص ان کے کندھوں تک آرہے ہیں تو کسی کے سینے تک اور بعض کے پیٹ تک، مگر حضرت عمرؓ کو دیکھا کہ کہ ان کا قمیص بہت لمبا ہے۔ اتنا لمبا کہ وہ اسے ٹخنوں سے نیچے زمین پر گھسیٹتے ہوئے آرہے ہیں۔ صحابہ نے عرض کیا اس کی کیا تعبیر ہے؟ رسول اللہ ﷺنے فرمایا کہ اس کی تعبیر دین سے ہے کہ اللہ تعالیٰ نے عمرؓ کودین میں خاص دسترس عطا فرمائی ہے۔اور دین کا وافر حصہ انہیں کو بخشا ہے۔‘‘(32)
حضرت عبداللہ مسعود ؓ کہتے تھے کہ’’ اگر حضرت عمرؓ کا علم ایک پلڑے میں رکھا جائے اور باقی لوگوں کا علم دوسرے پلڑے میں توعمرؓ کا پلڑا بھاری ہوجائے۔‘‘(33)
حضرت عمر ؓ کو آئندہ جن عظیم الشان خدمات کی توفیق ملنے والی تھی، ان کا تذکرہ بھی آنحضورﷺ کی ایک عظیم الشان رؤیا میں ملتا ہے ۔حضورﷺنے اپنے صحابہ سے فرمایا ’’میں نے دیکھا کہ میں ایک ڈول کے ذریعہ سے کنوئیں سے پانی نکال رہا ہوں۔ پھرحضرت ابوبکرؓ ایک دو ڈول نکالتے ہیں مگر کمزوری سے ۔ان کے بعد حضرت عمر ؓ کے آتے ہی اچانک ڈول کی جسامت بڑھ جاتی ہے ۔فرمایا میں نے کبھی ایسا جوان مرد نہیں دیکھا جو اس شان کے ساتھ پانی کھینچے جیسے عمرؓ نے یہ کام کیا۔ اور اس ڈول سے اتنا پانی نکالا کہ تمام لوگوں نے خوب پیا اور سیر ہوگئے اور تمام جانوروں نے بھی پیا اور سیر ہوگئے۔‘‘(34)
اس رؤیا میں دراصل حضرت عمرؓ کی اُن خدمات کی طرف اشارہ تھا جوان کے دور خلافت میں مقدّر تھیں۔ چنانچہ اپنے عہد خلافت میں انہیں عظیم الشان خدمت اور کارناموں کی توفیق ملی ۔ اُن میںایک اہم خدمت نظام خلافت کا استحکام ہے۔اس کے علاوہ نظام شوریٰ احتساب کے محکمہ کا باقاعدہ انتظام ، بیت المال کا باقاعدہ انتظام ، ملکی نظم وضبط ، عدل وانصاف کا اہتمام، قاضیوں کی عدالتوں کا باقاعدہ نظام اور نظام فوج خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔حضرت عمرؓاپنی فوج کے امراء کو تاکید فرماتے تھے کہ علم دین میں کمال پیداکریں اوراسے رواج دیں کیونکہ باطل کو حق سمجھ کر اس کی پیروی کرنے والا یا حق کو باطل سمجھ کر اسے ترک کرنے والے کی بہر حال پرسش ہوگی اورجہالت کا عذر کام نہ آئے گا۔(35)
حضرت عمرؓ اہل علم اورقدیمی خدام دین کی قدردانی فرماتے ۔نوجوان عالم حضرت ابن عباسؓکوانکے دربار میں خاص مرتبہ تھا۔ حضرت بلالؓ کو ان کی خدمات کی وجہ سے سیدنا بلالؓ کہہ کربلاتے اور خاص مقام دیتے۔غریب مہاجرین کو نو مسلم رئوسا پر بھی اپنے دربار میں ترجیح دیتے۔امور سلطنت مشورہ سے طے کرتے حتّٰی کہ بعض دفعہ اپنی رائے چھوڑ کر صحابہ کے مشورہ پر عمل فرمایا۔
الہام سے مناسبت
حضرت عمرؓ کوعلم وفضل کے ساتھ اللہ تعالیٰ نے نورِ الہام و وحی کے ذریعہ روحانی علوم کے ساتھ بھی گہری مناسبت عطافرمائی ہوئی تھی۔ آنحضورﷺ نے آپ کی اسی دماغی مناسبت کا ذکر کرتے ہوئے ایک موقع پر فرمایا :۔
’’ پہلی قوموں میں محدَّث ہواکرتے تھے جو نبی تو نہیں ہوتے تھے مگر اللہ تعالیٰ اُن کے ساتھ کلام کرتا تھا۔ اگر میری اُمت میں ایساکوئی ہے تو وہ عمر ؓہے۔‘‘
آنحضرت ﷺنے حضرت عمرؓ کی اس اعلیٰ روحانی استعداد کا ذکرکرتے ہوئے ایک اور موقع پر فرمایاتھا کہ’’ اگر میرے بعد کوئی نبی ہوتا تو عمرؓ ہوتا۔‘‘(36)
دوسری روایت میں ہے کہ’’ اگر میں مبعوث نہ ہوتا تو عمرؓ مبعوث کئے جاتے‘‘ گویا اللہ تعالیٰ نے انہیں الہام کے ساتھ گہری مناسبت عطافرمائی اور آپ اس لائق تھے کہ اللہ تعالیٰ کی وحی اورالہام آپ پر نازل ہو اور اگر میرے معاً بعد بنی اسرائیل کے سلسلۂ خلافت کی طرح نبوت جاری رہنی ہوتی توعمرؓنبی ہوتے۔لیکن چونکہ میرے معاًبعد نبوت نہیںبلکہ خلافت کا نظام جاری ہوناہے۔ اس لیے عمرؓ خلافت کے منصب پر فائزہوں گے۔
حضرت عمرؓ کو ایسے غیر معمولی دماغی قویٰ عطاکئے گئے جو الہٰی پیغام و الہام سے گہری مناسبت رکھتے تھے۔ کتب حدیث وسیرت میں متعدّد ایسے مقامات کا تذکرہ ہے جب حضرت عمرؓ نے ایک رائے کا اظہار کیااور اُسی کے موافق قرآن مجید میں وحی نازل ہوگئی۔ چند خاص مواقع کا ذکرحضرت عمرؓ خود فرماتے ہیں ’’ مجھے اپنے رب سے تین مواقع پر بطور خاص موافقت عطا کی گئی۔ایک مقام ابراہیم ؑ کو جائے نماز بنانے کے بارے میں دوسرے پردہ کے متعلق تیسرے بدر کے قیدیوں کے بارے میں۔‘‘(37)
رسول اللہ ﷺنے فرمایا’’اللہ تعالیٰ نے حق حضرت عمرؓ کی زبان اور دل پر جاری کردیا ہے۔‘‘ ابن عمرؓکہتے تھے ’’کبھی لوگوں پر کوئی مشکل وقت نہیں آیا جس میں انہوں نے کوئی رائے دی ہو اور حضرت عمرؓ نے بھی رائے دی ہو۔ مگر قرآن حضرت عمرؓکی رائے کے موافق اترا۔‘‘(38)
شوق عبادت ودعا
حضرت عمرؓ کو عظیم الشان اخلاق فاضلہ نصیب ہوئے تھے۔اخلاق فاضلہ کی جڑ تو دراصل خداتعالیٰ کا خوف اور اس کا ڈر ہوتا ہے۔اللہ تعالیٰ کے خوف اورتقویٰ کے نتیجے ہی میںاعلیٰ اخلاق اور عادات انسان کو نصیب ہوتی ہیں۔حضرت عمرؓ کی ایک بیوی آپ کی رات کی عبادت کا حال یوں بیان کرتی تھیں:۔
’’ عشاء کی نماز کے بعد آپ سوجاتے اور پانی کا ایک برتن سرہانے رکھ لیتے۔ رات جب آنکھ کھلتی پانی میں ہاتھ ڈال کر منہ پر پھیرلیتے اوربیدارہوکر اللہ کی عبادت کرتے اور رات کو کئی مرتبہ اُٹھ کرکرتے۔ یہاں تک کہ نماز فجر کا وقت ہوجاتا۔‘‘(39)
حضرت عمرؓ کو مجاہدات وریاضت اوردعائوںسے خاص شغف تھا۔ فتح مکہّ سے واپسی پر انہوںنے رسول کریمﷺسے اجازت چاہی کہ خانہ کعبہ میں ایک رات اعتکاف کی منّت پوری کرنا چاہتا ہوں۔ حضور ؐ نے بخوشی اجازت فرمائی۔ایک دفعہ مدینہ سے عمرہ پر جانے کی اجازت چاہی تو رسول کریمﷺنے فرمایا:۔
’’ اے بھیا! ہمیں اپنی دعائوں میں بھول نہ جانا۔‘‘(40)
حجۃ الوداع میں رسول اللہؐ کی دعائیہ کیفیات اپنانے کی خاطرآپ ؐکے ساتھ ساتھ رہنے کی مسلسل کوشش کرتے رہے۔
حضرت عبداللہؓبن عمر حجۃ الوداع کا یہ خوبصورت منظر بیان کرتے ہیں کہ رسول کریمﷺ نے حجر اسود کی طرف منہ کیا۔پھر اپنے ہونٹ اس پر رکھ دیئے اور دیر تک روتے رہے۔اچانک توجہ فرمائی توحضرت عمر بن الخطابؓ کو (پہلو میں کھڑے) روتے دیکھا اور فرمایا ’’اے عمرؓ! یہ وہ جگہ ہے جہاں (اللہ کی محبت اور خوف سے) آنسو بہائے جاتے ہیں۔‘‘(41)
میدان عرفات کی آخری شام رسول کریمؐ کو خاص دعائوں کی توفیق ملی۔ اس موقع کی ایک بڑی درد انگیز دعا احادیث میںمروی ہے۔معلوم ہوتاہے حضرت عمرؓ کو بھی حضوؐرکی معیت میںیہ سعادت عطا ہوئی ہوگی۔چنانچہ رسول کریمﷺایک دن حضرت عمرؓ کو دیکھ کر مسکرائے اورپوچھا ’’اے عمرؓ! جانتے ہو میں تمہیں دیکھ کر کیوں مسکرایا ہوں؟‘‘ عرض کیا اللہ اور اسکارسولؐ ہی بہترجانتے ہیں۔ فرمایا’’ اللہ تعالیٰ نے عرفہ کی شام اپنے عبادت گزاروں پر نظر کرکے فرشتوںکے سامنے فخریہ رنگ میں انکا ذکرکیا اور اے عمرؓ! تمہاراذکر بطورخاص ہوا۔‘‘(42)
قبولیت دعا
حضرت عمرؓ کا دعا پربہت ایمان تھا۔عبداللہؓ بن بریدہ بیان کرتے ہیں۔ بعض اوقات حضرت عمرؓ کسی بچے کو پکڑتے اور اسے کہتے میرے لئے دعا کرو کیونکہ تم نے ابھی تک کوئی گناہ نہیں کیا۔(43)
ایک دفعہ قحط کے زمانہ میں حضرت عمرؓ نے لوگوں کو نماز استسقاء پڑھائی اور دعا کے لئے اپنے ہاتھ پھیلاکر اپنے رب کے حضور عرض کرنے لگے۔’’ اے میرے مولیٰ ہم تجھ سے بخشش طلب کرتے ہیں اور تجھ سے ہی ابررحمت کی امید رکھتے ہیں۔‘‘ ابھی اپنی جگہ ہی کھڑے تھے کہ بارش برسنے لگی! اسی دوران آپ کے پاس کچھ بدو آئے اور عرض کی کہ امیر المؤمنین ہم فلاں وقت فلاں جگہ تھے کہ ہم نے ایک بادل دیکھا جس سے نداء آرہی تھی ابوحفص ابررحمت تیرے پاس آتا ہے! ابوحفص ابررحمت تیرے پاس آتا ہے!(44)
خشیّت الہٰی اورتوحید پرستی
حضرت عمرؓ انتہائی خداترس انسان تھے۔ایک دفعہ کسی باغ میں گئے اورتنہائی میں اپنے آپ سے مخاطب ہوکر کہنے لگے۔’’واہ! عمرؓبن الخطاب توامیرالمؤمنین ہوگیاہے! خداکی قسم اے خطابؓ کے بیٹے! تمہیں تقویٰ اختیارکرنا ہو گاورنہ اللہ تمہیں عذاب دے گا۔‘‘
حضرت عمر ؓ قرآن شریف کی تلاوت نہایت بصیرت غور اورتدبرسے کرتے تھے ۔ قرآن کے بڑے عالم تھے۔ نماز میں ان آیات کی بالخصوص تلاوت فرماتے جو اللہ تعالیٰ کی عظمت و جلال اور حشرونشر کے مضمون پر مشتمل ہوتی تھیں۔ تلاوت کرتے وقت ایسی خشیّت اور ہیبت آپؓ پر طاری ہوتی کہ مسلسل روتے جاتے بسااوقات آپ کی ہچکی بندھ جاتی۔صحابہ بیان کرتے ہیں کہ سورۃ یوسف کی آیاتپڑھتے ہوئے بعض اوقات آپ پرایسی قلبی رقت طاری ہوتی کہ رونے کی آوازپچھلی صفوں میں سنی جاتی تھی۔ مؤاخذہ کا خوف آپ کو اس قدر تھا کہ کہا کرتے تھے کہ’’ میراتودل چاہتا ہے کہ کاش برابرمیںہی چھوٹ جائوں اورمجھ سے کوئی مواخذہ نہ ہوخواہ کوئی انعام نہ ہی دیا جائے۔‘‘ (45)
ایک دفعہ حضرت عمرؓ نے درّہ اُٹھاکرکسی کوپکارا۔ اس نے کہا میں آپ کو اللہ کے نام کی نصیحت کرتا ہوں۔انہوں نے درہ پھینک دیا اور کہا’’ تم نے بہت بڑے نام کی نصیحت کی۔‘‘ (46)
صحابہ رسول اللہﷺ حضرت عمرؓ کی معیت اس لئے اختیار کرتے تھے تاکہ ان سے تقویٰ کی راہیں سیکھیں۔(47)
دل میںاللہ تعالیٰ کا ایساخوف تھا۔ ایک بارایک تنکا اُٹھا کر کہنے لگے ’’ کاش میں اس تنکے کی طرح خس و خاشاک ہوتا ۔ کاش میں پیدا ہی نہ ہواہوتا۔‘‘ہمیشہ خدا کے خوف سے لرزاں وترساں اور اسکی رحمت سے پرامید رہتے۔ فرمایا کرتے ’’اگر آسمان سے آواز آئے کہ صرف ایک آدمی جہنم میں جائے گا تو مجھے اس بات کا اندیشہ اور ڈر ہوتا کہ کہیں وہ ایک میں ہی تو نہیں ہوں اوراگر کسی ایک آدمی کے جنت میں جانے کی آواز آئے تو میں خداتعالیٰ سے امیداورتوقع کروں گا کہ شاید وہ میں ہی ہوں۔‘‘(48)
حضرت عمرؓ کامل موحّدانسان تھے۔ایک دفعہ حج کے موقع پر حجر اسود کو بوسہ دیتے ہوئے اس کایوں اظہار کیا’’ اے حجر اسود میں تجھے بوسہ تو دے رہا ہوں مگرخوب جانتا ہوں کہ تومحض ایک پتھر ہے اور خدا کی قسم اگر میں نے رسول خداؐ کو بوسہ دیتے ہوئے نہ دیکھا ہوتا تو تجھے ہرگز بوسہ نہ دیتا۔‘‘(49)
خدا کی خاطرشمشیربرہنہ
بے شک حضرت عمرؓ طبعاً کچھ سخت گیر واقع ہوئے تھے اور جس بات کو نا جائز سمجھتے تھے،اس کے لئے آپ شمشیر بے نیام کی طرح سامنے آجاتے تھے اور اس کا کھل کر اظہار کرتے تھے۔بار ہا دربار رسالت میںایسے واقعات ہوئے۔چنانچہ سفر فتح مکہ کے موقع پرجب صحابی رسولؐحاطبؓ بن ابی بلتعہ نے قریش کے نام ایک مخفی چٹھی کے ذریعہ اس سفر کی اطلاع دینے کی کوشش کی اور آنحضرت ؐ کوبذریعہ وحی اطلاع ہونے پرحاطبؓ کو پکڑ لیا گیا۔تو حضرت عمرؓ نے حضورﷺکے سامنے عرض کیا کہ ’’یہ شخص منافق ہے مجھے اجازت دیں کہ میں اسے قتل کر دوں۔‘‘رسول اللہﷺنے فرمایا کہ ’’نہیں اے عمر ؓیہ بدر میں شامل ہوا تھا اور اللہ تعالیٰ نے اہل بدر کی بخشش کا اعلان فرمایا ہے۔‘‘اسی طرح عبداللہ بن ابی بن سلول منافقین کے سردار کے جنازہ کے موقع پر ہوا۔ حضرت عمرؓ کہتے ہیں کہ نامعلوم مجھے یہ جرأت کہاں سے آئی تھی کہ میں حضرت محمد ﷺکا دامن پکڑ کر کھڑا ہو گیا اور یہ عرض کیا کہ یارسولؐ اللہ! اس کا جنازہ مت پڑھائیں اس نے فلاں دن فلاں موقع پر حضورؐ کے خلاف ناپسندیدہ بات کی تھی۔ آنحضرتﷺ فرماتے ہیں کہ نہیں میں اس کا جنازہ پڑھاؤں گا۔حضرت عمرؓ دلیل دیتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے آپؐ سے فرمایا ہے کہ (التوبہ:80)یعنی’’آپ ان کے لئے بخشش مانگیں یانہ مانگیں۔ ستر مرتبہ بھی بخشش مانگیں تو اللہ تعالیٰ ان کوہرگز نہیں بخشے گا۔‘‘رسول اللہﷺنے اس آیت کی تلاوت کرتے ہوئے فرمایا’’ اے عمرؓ میں ستر سے زیادہ مرتبہ اس کے لئے استغفار کر لوں گا۔‘‘اورپھر حضور ؐنے عبداللہ بن ابی بن سلول کا جنازہ پڑھایا۔(50)
نرمی وتحمل
طبیعت کی اس تمام تر سختی اور شدت کے باوجود اللہ تعالیٰ نے خلافت کی ذمہ داری جب آپ پر ڈالی تومزاج میں عجیب قسم کی نرمی آ گئی اور وہی بات ہوئی جو حضرت ابو بکرؓ نے فرمائی تھی۔ جب ان سے شکایت کی گئی کہ آپ نے حضرت عمرؓ کو خلافت کے لئے نامزد کیاہے۔ ان کی طبیعت میں سختی ہے تو حضرت ابو بکرؓ نے کہا جب خلافت کی ذمہ داری ان پر پڑے گی تو وہ ان کو نرم کر دے گی پھرواقعی ایسا ہی ہوا ۔(51)
حضرت انسؓ بیان کرتے ہیں کہ حضرت ابوموسیٰ ؓنے مجھے فتح تسترکی خبردے کر حضرت عمرؓ کے پاس بھجوایا ، انہوں نے قبیلہ بکربن وائل کے اسلام سے منحرف ہونے والوں کے بارہ میں پوچھا تو میں نے عرض کیا کہ اے امیر المؤمنین وہ لوگ اسلام سے مرتد ہوکر مشرکین سے جاملے ہیں۔ سوائے قتل کے ان کے لئے کوئی چارہ نہیں۔ حضرت عمرؓ نے فرمایا۔
’’اگر میں ان کو طاعت و صلح کے ساتھ واپس لے لوں تو مجھے تمام دنیا کے مال وزرسے زیادہ پسند ہے‘‘۔ میں نے کہا اگر آپ ان پر قدرت پالیتے تو کیا کرتے ؟آپؓ نے فرمایا ’’میں ان پر وہی دروازہ (اسلام کا) پیش کرتا جس سے وہ نکلے تھے کہ وہ اس میں پھر داخل ہوجائیں۔اگر وہ ایسا کرلیتے تو ان سے اسلام قبول کرلیتا ورنہ زیادہ سے زیادہ انہیں قید کردیتا‘‘۔(52)
مالی قربانی
غزوۂ خیبر میں حضرت عمرؓ کو مال غنیمت میں زمین کا بڑا ٹکڑاملاتورسول اللہﷺکی خدمت میں عرض کیا کہ اس سے بہترین اور قیمتی مال مجھے آج تک نصیب نہیں ہوا۔ اس کے بار ے میں جیسے آپ ارشاد فرمائیں وہاں خرچ کروں ۔ حضوؐر نے فرمایا اگر پسند کرو تو اسے وقف کردوکہ اصل محفوظ رہے اور اس کی آمدصدقہ میں خرچ ہو۔ چنانچہ انہوں نے ایسا ہی کیا۔یہ اسلام کا پہلا وقف تھا۔(53)
اس کے بعد کے غزوات فتح مکہ اور حنین میں بھی حضرت عمرؓ شامل ہوتے رہے۔ غزوہ تبوک کے موقع پر جب چندہ کی خاص تحریک ہوئی ۔حضرت عمرؓ اس ارادہ سے اپنے گھر گئے کہ حضرت ابوبکرؓ ہمیشہ مجھ سے نیکیوں کی دوڑ میں سبقت لے جاتے ہیں۔آج میں خداتعالیٰ کی راہ میں مال قربان کرنے میں انہیں بڑھنے نہیں دوں گا۔ اس جذبہ کے ساتھ اپنا نصف اثاثہ آنحضوؐرکی خدمت میں لاکر پیش کردیا۔ آنحضرت ؐ نے پوچھا کہ عمر کیا لائے ہو؟ عرض کیا یارسول اللہؐ میں اپنا نصف مال آپ کی خدمت میں لے آیا ہوں۔تھوڑی دیر میں حضرت ابوبکرؓ تشریف لائے پوچھا کیا لائے ہو؟عرض کیا جو کچھ گھر میں تھا لاکر حضورؐ کے قدموں میںڈھیر کردیا ہے۔گھر میں اللہ اور رسول کا نام چھوڑ آیا ہوں۔ حضرت عمرؓ کہتے ہیں میں نے اس روز سوچ لیا کہ یہ بوڑھا مجھے کبھی آگے نہیں بڑھنے دے گا۔(54)
حضرت اسلمؓ بیان کرتے ہیں کہ میں حضرت عمرؓ کے ساتھ بازار گیا۔ ایک نوجوان عورت ان سے ملی اور عرض کیا اے امیر المؤمنین! میرا خاوند فوت ہوگیا اور بچے چھوٹے ہیں۔ جن کا فاقہ سے برا حال ہے۔ نہ ہماری کوئی کھیتی ہے نہ جانور اور مجھے ڈر ہے کہ یہ یتیم بچے بھوک سے ہلاک نہ ہوجائیں۔اور میںایماء غفاری کی بیٹی خفاف ہوں، میرا باپ حدیبیہ میں رسول اللہﷺکے ساتھ شامل تھا۔حضرت عمرؓ یہ سن کر اس بی بی کے احترام میں وہیں رُک گئے فرمایا’’ اتنے قریبی تعلق کا حوالہ دینے پر میں تمہیں خوش آمدیدکہتا ہوں۔‘‘پھر گھر میں بندھے ایک مضبوط اونٹ پر دو بورے غلے کے بھرے لدوائے ۔ ان کے درمیان دیگر اخراجات کے لئے رقم اور کپڑے رکھوائے اور اونٹ کی مہار اس خاتون کو تھماکر فرمایا ’’یہ تولے جائو اور انشاء اللہ اس کے ختم ہونے سے پہلے اللہ تعالیٰ آپ کے لئے اور بہترسامان پیدافرمادے گا۔‘‘
ادھرجودوسخا کا یہ نظارہ دیکھنے والے حیران تھے۔ ایک نے تو کہہ بھی دیا اے امیر المؤمنین! آپ نے اس عورت کو کچھ زیادہ ہی دے دیا ہے۔حضرت عمرؓ نے فرمایا۔’’تیری ماں تجھے کھوئے۔ خدا کی قسم! میں نے اس خاتون کے باپ اور بھائی کو دیکھا کہ ایک زمانے تک ہمارے ساتھ انہوں نے محاصرہ کیا پھر فتح کے بعدہم مال غنیمت کے حصے تقسیم کرنے لگے۔‘‘(55)
اتباع قرآن
حضرت عمرؓ کو قرآن سے عشق تھا۔اورانتہائی محبت اور استغراق سے اس کی تلاوت کرتے ایک دفعہ سورۂ تکویر کی تلاوت کی جب اس آیت پر پہنچے وَاِذَا الصُّحُفُ نُشِرَت جس کا ایک مطلب یہ بھی لیا گیاہے کہ اعمال نامے ظاہر کردیئے جائیں گے توغش کھاکر گر پڑے۔(56)
زید بن اسلم والد سے روایت کرتے ہیں کہ ایک دفعہ بلالؓ حضرت عمر ؓسے ملنے آئے وہ سوئے ہوئے تھے۔بلالؓ نے اسلمؓ سے پوچھا تم حضرت عمرؓ کو کیسا پاتے ہو؟ انہوں نے کہاوہ تمام لوگوں میں سے بہترین انسان ہیں۔ مگر جب ناراض ہوں تو پھر معاملہ خطرناک ہوجاتا ہے۔ بلالؓ کہنے لگے اگر میں ان کے پاس ہوں اور وہ ناراض ہوجائیں تو میں ان کے سامنے قرآن پڑھنا شروع کردونگا یہاں تک کہ ان کا غصہ ٹھنڈا ہوجائے۔(57)
ایک دفعہ ایک دیہاتی نے حضرت عمرؓ کے ایک دوست حُرّ بن قیس کے ذریعے ان کی مجلس میں آنے کی اجازت طلب کی آتے ہی کہنے لگا۔اے عمر ؓ آپ انصاف سے حکومت نہیں کرتے ۔ حضرت عمرؓ نے ناراضگی سے دیکھا تو حر ّبن قیس نے قرآن مجید کی یہ آیت پڑھی خُذِا لْعَفْوَوَأْمُرْ بِالْعُرْفِ وَاَعْرِضْ عَنِ الْجَاھِلِیْنَ (الاعراف:200)کہ اے امیر المومنین! ایسے لوگوں سے عفو سے کام لیںاور ایسے جاہلوں سے اعراض کریں۔راوی کہتے ہیں یہ سنتے ہی حضرت عمر ؓ کا غصہ ٹھنڈا ہو گیا۔ان کے بارہ میں کہاجاتا ہے کَانَ وَقَّا فًابِالْقُرآنِ کہ حضرت عمرؓ قرآنی حکم سنتے ہی فوراًرک جایا کرتے تھے اور قرآنی احکام کا بہت احترام اور لحاظ کرنے والے تھے۔(58)
اطاعت و حُبِّ رسول
آنحضرتﷺسے آپ کو سچی محبت تھی اور اسوۂ رسول کو ہمیشہ مشعل راہ بناتے تھے۔اور طبعاً ظاہری شان وشوکت کا بر محل اظہار کرنے کے حق میں تھے۔ ایک موقع پر جب ایک ماہ کے لئے حضورؐ نے اپنی ازواج سے علیحدگی اختیار فرمائی۔ حضرت عمرؓ نے آپؐؐ کو بالا خانہ میں ایک چٹائی پر لیٹے ہوئے اس حال میں دیکھاکہ بدن پر چٹائی کے نشان تھے۔انہوں نے بے قرار ہو کر آپؐ سے عرض کیا تھا کہ یا رسول اللہﷺقیصروکسریٰ تو کیسی شان میں اور آرام میں ہیںاور خدا کا رسول جن کے لئے یہ دنیا بنائی گئی ہے اس حال میں کہ چٹائی پر لیٹے ہوئے ہیںجس سے بدن پر بدھیاں پڑ گئی ہیں؟آنحضرت ؐ نے فرمایا اے عمرؓ یہ دنیا ان لوگوں کو مبارک ہو جو اس کی فکر کرتے ہیں۔(59)
سادگی
حضرت عمرؓجب خلیفہ مقرر ہوئے تو شان وشوکت کے دلدادہ اس وجود میں کیا انقلابی تبدیلی پیدا ہوچکی تھی۔زمانہ خلافت میں ایک دفعہ صاحبزادی حضرت حفصہؓ نے عرض کیا کہ ابا جان! اللہ تعالیٰ نے بہت فضل کئے اور بہت کچھ عطا فرمایا ہے۔اب تو آپ عمدہ لباس سے پرہیز نہ کریں۔ حضرت عمرؓ فرمانے لگے کہ’’ خدا کی قسم میں تو اپنے آقا ومولا کے نقش قدم اور اسوئہ پر چلوں گاتا مجھے آخرت کی خوشحالی نصیب ہو ۔‘‘پھر رسول کریمﷺکے زمانے کا ایسا دلگداز ذکر کیا کہ حضرت حفصہؓ بھی رونے لگیں۔ سادگی کا یہ عالم تھا کہ پیوند لگے ہوئے کپڑے پہننے میں بھی کوئی عار محسوس نہ کرتے تھے حتیٰ کہ وہی لباس پہن کر مجلس میں بھی تشریف لے جاتے تھے۔(60)
امانت
حضرت عمرؓ فرماتے تھے میں اللہ کے مال کے ساتھ اپنی نسبت یتیم کے مال کا معاملہ کرتا ہوں۔ جب تک حاجت نہ ہو میں اس سے بچتاہوں۔ اور اگر ضرورت ہوتو جائزطور پر استعمال کرلیتا ہوں۔آپ حسب ضرورت بیت المال سے قرض لیتے تھے۔ کبھی تنگ دستی کی حالت میں بیت المال کا نگران قرض کا مطالبہ کرتا تو کچھ مہلت لے کر انتظام فرمادیتے۔ زمانہ خلافت میں بھی اپنا ذریعہ معاش تجارت رکھا اور شام جانے والے قافلے میں اپنا حصہ ڈالتے تھے۔ایک دفعہ جب قافلہ تیار تھا۔ حضرت عبدالرحمانؓ بن عوف سے قرض لینا چاہا تو انہوں نے کہا کہ بیت المال سے قرض لے لیں۔ فرمایا ’’وہاں سے اس لئے تجارتی قرض نہیں لیتا کہ اگر میں فوت ہوگیاتو تم کہوگے اس کاقرض معاف کردو۔ میں ایسے شخص سے قرض لینا چاہتا ہوں جو بعد میں میرے مال سے اپنا قرض وصول کرے۔‘‘(61)
حضرت عمرؓ کی دیانت کا یہ عالم تھا کہ بیمار ہوئے تو اطباء نے آپ کے لئے شہد کاعلاج تجویز کیا۔بیت المال میں شہد موجود تھا ۔لیکن آپ نے مسلمانوں کی اجازت کے بغیر اس کا استعمال پسند نہ کیا ۔لوگوں کو مسجد نبوی میں جمع کیا ۔اور سب سے اجازت طلب کی کہ ’’میں بیماری کی حالت میں بیت المال سے شہدذاتی استعمال میں لانا چاہتا ہوں۔اگرتم اجازت دوگے تو میں استعمال کرونگا ورنہ یہ مجھ پرحرام ہے۔‘‘(62)
وفات سے پہلے اپنے بیٹے ابن عمرؓ سے پوچھا کہ دیکھو میرے پر کتنا قرض ہے؟ حساب کرنے پرچھیاسی ہزارنکلا۔ اس پر آپؓ نے فرمایا کہ ’’اگر تو میرے خاندان کا مال کفایت کرے تو یہ قرض اس سے ادا کرنا ورنہ اپنے قبیلہ بنی عدی سے مدد حاصل کرنا پھر بھی پورا نہ ہوتو قریش سے مدد لے لینا۔ اس سے زیادہ کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلانا۔‘‘(63)
تواضع وانکسار
حضرت عمرؓ کے رعب وہیبت سے قیصروکسریٰ کانپتے تھے۔ مگر ان کی انکساری کا یہ عالم تھاکہ مدینہ سے اس سفر کے لئے اس طرح روانہ ہوئے کہ ایک سواری پر وہ اور ان کا غلام باری باری سوار ہوتے تھے۔ بیت المقدس میں داخل ہوتے وقت شاہانہ پوشاک کی بجائے نہایت سادہ لباس زیب تن کررکھاتھا۔ جس سے تواضع وسادگی صاف عیاں تھی۔(64)
حضرت عمرؓ کے زمانہ میں مالی فراخی ہوئی تو لوگوں نے نکاح پر حق مہر بہت زیادہ رکھنے شروع کردیئے۔ آپ نے جائزہ لیا کہ امہات المؤمنین کا حق مہر پانچ سو درہم اور حضرت فاطمہؓ کامہر چار سو درہم تھا۔اس سے اجتہاد کرتے ہوئے اعلان کروایا کہ کسی کا مہر بھی رسول اکرمﷺکی بیٹی سے زیادہ نہ ہوگا ۔جس نے اس سے زیادہ حق مہر رکھا ۔اس کی زائداز حق مہررقم بیت المال کو دلوادی جائے گی۔ اس پر ایک عورت نے قرآن شریف سے دلیل لے کر رائے دی کہ یہ فیصلہ محل نظر ہے۔ کیوں کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے ’’اگر تم نے ان عورتوںمیں سے کسی کو ڈھیروں ڈھیر مال دیا ہو تو اس سے کچھ بھی واپس نہ لو‘‘(النسائ:20) حضرت عمرؓ نے فرمایا ایک عورت نے ٹھیک کہا ہے اور عمرؓ نے غلطی کھائی ہے۔(65)
ضبہ بن محصن العنزی کہتے ہیں کہ میں نے حضرت عمرؓ بن الخطاب سے کہا کہ آپ حضرت ابوبکرؓ سے بہتر ہیں۔ اس پر حضرت عمرؓ رونے لگے اور فرمایا۔’’ خدا کی قسم حضرت ابوبکرؓ کی ایک رات اور ایک دن ہی عمرؓ اور اس کی اولاد کی پوری زندگی سے بہتر ہے ۔ کیا میں تمہیں ان کی اس رات اور دن کا کچھ حال سنائوں؟‘‘میں نے کہا ہاں اے امیر المومنین! اس پر فرمایا’’ ان کی رات تو وہ تھی جب رسول اللہﷺ کو مکہ سے ہجرت کرکے رات کو جاناپڑا اور حضرت ابوبکرؓ نے ان کا ساتھ دیااور ان کا دن وہ تھا جب رسول اللہ ﷺکی وفات ہوئی اورعرب مرتد ہوکر نماز اور زکوٰۃ سے منکر ہوگئے اس وقت انہوں نے میرے لوگوں سے نرمی کرنے کے مشورہ کے برخلاف جہاد کا عزم کیا اور اللہ تعالیٰ نے انہیں اسمیں کامیاب کرکے ثابت فرمایا کہ وہ حق پر تھے۔‘‘ (66)
بے نفسی
حضرت عمرؓ نے ایک شخص کو نشہ میں پاکر سزادینے کے لئے پکڑا تو اس نے آپ کو گالی دے دی آپ نے اسے چھوڑدیا۔ پوچھا گیا امیر المؤمنینؓ آپ نے اسے کیوں چھوڑدیا حالانکہ اس نے آپ کو گالی بھی دی؟ آپ نے فرمایاکہ’’ مجھے غصہ آگیا تھا اور اب اگر میں اسے سزادیتا تو اس میں میرے نفس کا دخل بھی ہوتا اور مجھے ہرگز پسند نہیں کہ میں اپنے نفس کی خاطر کسی مسلمان کو سزادوں۔‘‘(67) ایک طرف ہیبت اور جلال کا یہ عالم تھا کہ دنیا کے بڑے بڑے بادشاہ حضرت عمر ؓ کانام سن کر کانپتے اور تھراتے تھے دوسری طرف تواضع وانکسار کی یہ کیفیت تھی کہ ایک دن صدقے کے اونٹوں کے بدن پر خود اپنے ہاتھ سے تیل مل رہے تھے۔کسی نے کہا اے امیر المومنین یہ کام کسی خادم سے لیا ہوتا۔ فرمانے لگے مجھ سے بڑھ کر غلام اور کون ہو سکتا ہے؟جو شخص مسلمانوں کا والی ہے وہ ان کا خادم اور غلام ہے۔(68)
آپ کے دور خلافت کا واقعہ ہے۔ مکہ سے واپسی پر ضجنان کی گھاٹیوں میں آپ کا قافلہ رُکا اس جگہ کثرت سے درخت اور گھاس پُھوس تھی۔ حضرت عمرؓ نے فرمایا میں نے وہ زمانہ بھی دیکھا ہے جب میں اپنے والد خطاب ؓکے اونٹ لے کر اس جگہ آیاکرتاتھا۔میرے والد بڑے سخت تھے۔ ایک بارمیں جنگل سے اونٹ پر ایندھن کی لکڑیاں لے کر جاتاتو دوسری دفعہ جانوروں کے کھانے کے لئے سبز پتے لے کر جاتا۔ آج خدا نے مجھے مقام خلافت پر فائز فرمایا ہے جس سے بڑاکوئی مقام نہیں۔ پھر یہ شعر پڑھا
لَاشَی ئَ فِیْمَا تَرٰی اِلَّا بَشَاشَتَہ‘
یَبْقَی اْلِالٰہُ وَیُوْدِی المَالُ وَالولَدُ
یعنی جو کچھ تمہیں نظر آتا ہے۔ اس کی کوئی حقیقت نہیں سوائے ایک عارضی خوشی کے اور باقی رہنے والی صرف خدا کی ذات ہے جب کہ مال اور اولاد فنا ہوجاتے ہیں۔حضرت عمرؓ کی انگوٹھی پر یہ جملہ کندہ تھا۔’’کَفٰی بِالمَوتِ وَاعِظًا یَا عُمُر‘‘اے عمر موت نصیحت کیلئے کافی ہے۔(69)
حق گوئی
حضرت عمرؓ نے فرمایا ’’خدا کی قسم! اللہ کی ذات کے بارے میں جب میرا دل نرم ہوتا ہے تو وہ جھاگ سے بھی زیادہ نرم ہو جاتا ہے۔اور خدا کی خاطر جب میرا دل سخت ہوتا ہے تو وہ پتھر سے بھی زیادہ سخت ہو جاتا ہے۔‘‘رسول کریمؐ نے حضرت عمرؓ کی اسی حق گوئی کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا ’’ اے عمر! جس راستے پر تم آ رہے ہو اگر اس راستے پر شیطان بھی آرہا ہو تو وہ یہ راستہ چھوڑ کر دوسرا راستہ اختیار کر لے گا۔‘‘اسی طرح فرمایا ’’ اللہ تعالیٰ نے عمرؓ کی زبان اور دل پر حق جاری فرمایا ہے۔‘‘(70)
حضرت بریدہ ؓ بیان کرتے ہیں رسول اللہﷺ ایک غزوہ سے واپس تشریف لائے تو ایک حبشی لونڈی نے آکر عرض کیا اے اللہ کے رسولﷺ! میں نے منت مانی تھی کہ اللہ تعالیٰ آپ کو سلامتی سے واپس لائے تو آپ کے سامنے ڈھولک بجاکر گانا گائوں گی۔ رسول اللہ ﷺنے فرمایا ’’اگرتو تم نے نذرمانی ہے تو ڈھولک بجالو ورنہ نہیں۔‘‘چنانچہ وہ ڈھولک بجانے لگی اتنے میں حضرت ابوبکرؓ تشریف لائے وہ دف بجاتی رہی پھر علیؓ آئے تو بھی وہ دف بجاتی رہی پھر عثمان ؓ آئے تو بھی بجاتی رہی پھر عمرؓ تشریف لائے تو اس نے ڈ ھو لک اپنے نیچے لی اور اس پر بیٹھ گئی۔اس پررسول اللہﷺے فرمایا ’’اے عمرؓ! شیطان بھی تجھ سے ڈرتا ہے۔ میں بیٹھا تھاتو یہ دف بجاتی رہی ابوبکرؓ،علیؓ اور عثمانؓ آئے تو بھی یہ ڈھولک بجاتی رہی مگر اے عمرؓ! آپ آئے تو اس نے ڈھولک پھینک دی۔‘‘(71)
رعایاپروری
حضرت عمر ؓ اپنی رعایا کا بہت خیال رکھنے والے تھے۔۱۸ہجری میں عرب میںقحط پڑا تو حضرت عمرؓ اپنی رعایا کے لئے بے چین ہو گئے۔اس وقت آپؓ کی عجیب قلبی کیفیت تھی دور دراز سے غلہ اور دیگر اشیاء لوگوں کے لئے منگوا کر تقسیم کیں اور خود اپنے لئے مرغوب غذاؤں کا استعمال ترک کر دیا۔گھی مہنگا ہوگیاتواس کی بجائے تیل کھانے لگے۔ جس سے پیٹ میں تکلیف ہوجاتی مگر فرماتے اس وقت تک گھی نہ کھائوں گا جب تک سب لوگ نہ کھانے لگیں۔(72)
ایک دفعہ رات کوگشت میں تھے کہ ایک بدو کے خیمے کے پاس سے عورت کے رونے کی آواز آئی۔ پتہ کیا تو معلوم ہوا کہ گھر میں ولادت متوقع ہے۔ کوئی عورت مدد کیلئے پاس نہیں ہے۔ آپ فوراً گھر واپس گئے اور اپنی بیوی حضرت ام کلثومؓ بنت علی ؓ کوساتھ لے آئے۔ام کلثومؓ نے وہاں جا کر اس عورت کی مدد اور خدمت کی اورکچھ دیر کے بعد آواز دی کہ اے امیر المومنین! مبارک ہو آپ کے دوست کے ہاں بیٹا پیدا ہوا ہے۔ وہ بدو چونکا کہ خدا کی شان امیر المومنین میرے گھر میں اپنی زوجہ مطہرہ کو لے کر آئے ہیں۔حضرت عمرؓ نے فرمایا گھبراؤ نہیں کل میرے پاس آجانا بچے کے لئے وظیفہ بھی مقرر کر دیا جائے گا۔(73)
حضرت عمرؓ اپنی رعایا کے ایک ایک فرد کا کتنا خیال رکھتے تھے، اس کا اندازہ اس واقعہ سے خوب ہوتا ہے ۔اپنے زمانہ خلافت میں انہوںنے ایک رات گشت کے دوران ایک مسلمان سپاہی کی بیوی کو کچھ ایسے اشعار پڑھتے سنا جس میں وہ اپنے خاوند سے جدائی اور اداسی کا رونا رو رہی تھی۔ حضرت عمرؓ کے پوچھنے پر اس نے بتایا کہ میرے خاوند کومحاذ پر گئے کئی مہینے ہوچکے ہیں اور اس کی یاد مجھے ستا رہی ہے۔ حضرت عمرؓ نے فرمایا تم فکر نہ کرو میں اسے قاصد بھجوا کر بلواتا ہوں ۔دوسری طرف اپنی صاحبزادی حضرت حفصہؓ سے جا کر فرمایا کہ ’’ایک مسئلہ مجھے پریشان کررہا ہے تم اس بارہ میں میری رہنمائی کرو، یہ بتائو کہ عورت کتنے عرصہ بعد خاوند کی ضرورت محسوس کرتی ہے؟‘‘ حضرت حفصہؓ نے حیاء سے سر جھکا لیا تو آپؓ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ حق بات کے بیان کرنے سے نہیںروکتا اس پر حضرت حفصہؓ نے انگلی سے تین چار ماہ یا چار چھ ماہ کا اشارہ کیا ۔ حضرت عمرؓ نے فیصلہ صادر فرمایا کہ ’’آئندہ مجاہدین کوچارسے چھ ماہ سے زیادہ عرصہ تک محاذ جنگ پر نہ رکھا جائے۔‘‘(74)
عدل وانصاف
حضرت عمر ؓ کا عدل وانصاف زبان زد عام تھا۔حضرت زیدؓ بن ثابت کو آپ نے قاضی مقرر کیا تھا۔ایک دفعہ خود ان کی عدالت میں ایک فریق کی حیثیت سے حاضر ہونا پڑا وہاں تشریف لے گئے۔حضرت زیدؓ نے امیر المؤمنین کی تعظیم کے لئے کرسی خالی کر دی۔حضرت عمرؓ نے ان سے فرمایا کہ اس مقدمے میں یہ پہلی نا انصافی ہے۔مطلب یہ تھاکہ قاضی کا یہ فرض ہے کہ ہرایک سے عام عدالتی طریق کار کے مطابق برتاؤ کرے۔(75)
حضرت عمرؓ کا یہی عدل وانصاف تھا۔جس کی بناء پراہل یورپ کوبھی کہنا پڑاکہ اگر اسلام میں ایک اورعمرؓ پیدا ہو جاتا تو آج عالم اسلام کا نقشہ کچھ اور ہوتا۔
حضرت عمرؓ نے اہل بیت المقدس سے جو معاہدہ کیا وہ آزادیٔ مذہب و ضمیر کی تاریخ میں ہمیشہ سنہری مثال کے طور پر پیش کیا جاتا رہے گا۔ معاہدہ میں تحریر تھا’’ایلیاء کے رہنے والوں کو امان دی جاتی ہے، ان کے گرجائوں اور مذہب سے کوئی تعرض نہیں کیا جائے گا۔ مذہب کے بارے میں ان پر کوئی جبر نہ ہوگا۔۔۔اس معاہدے پر خدا اس کے رسول ، خلفاء اور مسلمانوں کا ذمہ ہے۔‘‘(76)
مسیحیوں کے مذہبی سربراہ اعلیٰ اسقف کے ساتھ زیارت بیت المقدس کے دوران کلیسائے قیامت میں نماز کا وقت ہوگیا۔انہوں نے کہا آپ یہیں نماز پڑھ لیں۔حضرت عمرؓ نے کمال دوراندیشی سے فرمایا ’’اگر میں نے ایسا کیا تو مسلمان میری پیروی میں یہاں نماز پڑھیں گے اور آپ کو گرجائوں سے نکال دیں گے۔ اور عہد امان کی خلاف ورزی کا اندیشہ ہوگا۔‘‘ چنانچہ انہوں نے باہرتشریف لاکر کلیسائے قسطنطین کے دروازے کے سامنے مصلّیٰ بچھواکر نماز پڑھی۔یہ واقعہ ان کی اسلامی رواداری کی شاندار مثال ہے۔(77)
حضرت عمرؓ نے اپنی شہادت سے چارروزقبل فرمایا ’’ اگر اللہ تعالیٰ نے مجھے زندگی دی تو میں اہل عراق کی بیوائوں کا ایسا بندوبست کرونگا کہ انہیں میرے بعد کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلانا پڑے۔‘‘(78)
حضرت ابن عمرؓ سے روایت ہے کہ ایک دفعہ ایک تجارتی قافلہ نے مدینہ کے نواح میں عیدگاہ پرپڑائو کیاحضرت عمرؓ نے عبدالرحمن ؓبن عوف سے کہا آئیںآج رات ہم ان کی حفاظت کی خاطر پہرہ دیں۔چنانچہ وہ رات ان کا پہرہ دیتے اور نماز پڑھتے رہے۔ حضرت عمرؓ نے ایک بچے کے مسلسل رونے کی آواز سنی تو اس کی والدہ سے جاکر کہا کہ اللہ سے ڈرو اور بچے سے حسن سلوک کرو۔ وہ پھررویا تو حضرت عمرؓ نے یہی کہا۔ جب رات کے آخری حصے میں بچہ پھر رویا تو حضرت عمر ؓنے اس کی والدہ کو پھر نصیحت کی اور پوچھاکیا وجہ ہے تمہارا بیٹا رات بھربے چین رہا۔اس نے کہا دراصل میں اس کا دودھ چھڑانا چاہتی ہوں اور یہ ضد کرتا ہے۔ فرمایا’’وقت سے پہلے اس معصوم کا دودھ کیوں چھڑاتی ہو؟‘‘ وہ کہنے لگی اس لئے کہ حضرت عمرؓ دودھ پیتے بچے کا وظیفہ مقررنہیں کرتے۔ حضرت عمرؓ نے کہاتیرا بھلاہو۔اسے دودھ چھڑانے کی جلدی نہ کرو۔پھرمسجد نبوی میں جاکرنماز فجرپڑھائی۔ غلبہ رقّت کی وجہ سے تلاوت لوگوں کو سمجھ نہ آتی تھی۔سلام پھیرکراپنے آپ سے کہنے لگے۔اے عمرؓ! تیرابرا ہو!نامعلوم تم نے کتنے مسلمانوں کے بچوں کو قتل کیا پھر اعلان عام کر دیا کہ آئندہ سے دودھ چھڑوانے میں جلدی نہ کریں۔ آج سے ہر مسلمان نومولود کا وظیفہ مقررکیا جاتا ہے۔(79)
حضرت عمرؓ کے پاس ابوموسیٰ ؓ کی طرف سے (یمن سے) ایک شخص آیاانہوں نے اس سے وہاں کے لوگوں کے بارے میں پوچھا اورفرمایا وہاں کی کوئی خبر؟ اس نے کہا کہ ایک شخص نے اسلام قبول کرنے کے بعد کفر کا اعلان کردیا ہے۔حضرت عمرؓ نے فرمایاپھرتم نے اس کے ساتھ کیا کیا؟ وہ کہنے لگا ہم نے اسے قتل کردیا۔حضرت عمرؓ نے فرمایا تم نے اسے تین دن کی مہلت کیوں نہ دی۔تم ہرروز اسے کھانا کھلاتے اورپھراسے توبہ کرنے کو کہتے۔ شایدوہ توبہ کرلیتا اور اللہ کے حکم کی طرف واپس لوٹ آتا۔پھرفرمانے لگے اے اللہ! میں وہاں موجود نہیں تھا اور نہ میں نے یہ حکم دیا(کہ اس شخص کو) قتل کردیاجائے اور جب یہ بات مجھ تک پہنچی تو ہرگزمجھے اچھی نہیںلگی۔(80)
حضرت عمرؓ ایک عیسائی راہب کے پاس سے گزرے تو وہاں رک گئے۔ اس راہب کو کسی نے آواز دے کر بلایا اور کہا۔’’ یہ امیرالمؤمنین ہیں۔‘‘ وہ راہب آیا۔ترکِ دنیا اور فاقہ اور مسلسل عبادت کی وجہ سے وہ بے حال ہوچکاتھا۔ حضرت عمرؓ نے اس کی یہ حالت دیکھ کر رو پڑے۔کسی نے کہا کہ یہ تو عیسائی ہے آپ کیوں روتے ہیں؟ فرمانے لگے مجھے علم ہے لیکن مجھے اس پر ترس آیااور قرآن کی یہ آیت یادآئی کہ ’’کچھ لوگ عمل کرنے والے اور محنت کرنے والے ایسے ہونگے۔جو بھڑکتی ہوئی آگ میں داخل ہونگے۔‘‘(سورۃ الغاشیہ آیت4-5) مجھے اس کی محنت اور عبادت کا حال دیکھ کر اس پر ترس آیا کہ اس کے باوجود یہ بے چاراآگ میں جائے گا۔(81)
فضائل
رسول کریمﷺنے فرمایا ’’جس نے عمرؓ کو ناراض کیا اس نے مجھے ناراض کیا اور جس نے عمرؓ سے محبت کی اس نے مجھ سے محبت کی۔ اور عمر میری امت کا محدث ہے۔ پوچھا گیا کیسامحدّث؟ فرمایا جس کی زبان پر فرشتے کلام کرتے ہیں۔‘‘(82)
حضرت ابوبکرؓکی وفات کے بعد آپ نے خلیفہ راشد کے طور پر آپؐ کی جانشینی کا حق ادا کیا۔ آپ کے دورمیں ہی’’رسول اللہﷺکے خلیفہ کے خلیفہ‘‘ کی لمبی ترکیب کی بجائے ’’امیر المومنین‘‘کا لقب خلیفہ وقت کیلئے معروف ہوا۔ آپ کے عہد میں شام،عراق او رمصر کی وہ فتوحات ہوئیں اور بہت کثرت میں مال و غنیمت آیا جن کا وعدہ رسول اللہ ﷺنے فرمایا تھا۔ حضرت عمرؓ نے صحابہ سے مشاورت کے بعد باقاعدہ دفتر دیوان بنایا جس میں ہرشخص کے مرتبہ کے مطابق وظیفہ مقرر ہوتا تھا۔ حضرت عمرؓ نے رمضان میں صلوۃالتراویح کے بابرکت طریق کو رواج دیا اور ہجری اورقمری کیلنڈر کا آغاز فرمایا۔ جو آج تک جاری ہے۔ (83)
رسول اللہ ﷺنے فرمایا ہر نبی کے نائب اور وزیرہیں اور میرے وزیراہل زمین میں سے ابوبکرؓو عمرؓہیں۔(84)
رسول کریمﷺنے اپنے بعد ان دونوں بزرگ ہستیوں کی پیروی کی ہدایت فرماکران کی جانشینی کی طرف بھی اشارہ فرمادیاتھا۔آپؐ نے فرمایا مجھے نہیں معلوم کہ میں کتنا عرصہ تم میں باقی رہوں۔پس میرے بعد ابوبکرؓ وعمرؓ کی پیروی کرنا۔(85)
اسی طرح فرمایا یہ دونوں(ابوبکرؓوعمرؓ) اہل جنت کے بوڑھو ں کے سردار ہیں۔ پہلوں اور پچھلوں میں سے سوائے نبیوں اور رسولوں کے۔(86)
حضرت مسیح موعودؑ حضرت عمرؓ کے مناقب عالیہ بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں :۔
’’حق یہ ہے کہ صدیق اکبرؓ اور عمر ؓفاروق بزرگ صحابہ میں سے تھے۔اور انہوں نے اپنے حقوق ادا کرنے میں کوئی کوتاہی نہیں کی۔انہوں نے تقوی کو اپنا راستہ اور عدل کو اپنا طریق بنایا۔ ……اور میں نے شیخین یعنی حضرت ابو بکرؓ اور عمرؓ سے زیادہ کثرت فیض اور دین اسلام کی تائید کرنے والا کوئی نہیں دیکھا۔یہ دونوںچاند سے بھی زیادہ تیزی کے ساتھ اپنی امت اور قوم کے سورج رسول ؐاللہ کی پیروی کرنے والے تھے اور در حقیقت وہ آنحضرؐت کی محبت میں فنا تھے۔اور ان کا نیک انجام آنحضرت ؐ کے قرب کی صورت میں ہوا یعنی حضوؐر کے پاس دفن ہوئے۔ اور اعلیٰ درجہ کی دینی خدمات اور مسلمانوں پر احسانات کی سعادت انہوں نے پائی۔اور یہ اللہ تعالیٰ کا فضل ہے اور اس پر متقی لوگ غافل نہیں رہتے۔یہ فضل اس کے ہاتھ میں ہے وہ جس کو چاہتا ہے عطا کرتا ہے۔‘‘(87)
مائیکل ایچ ہارٹ دنیا کی عظیم شخصیات میں52نمبر پرحضرت عمر ؓکا ذکر کرتے ہوئے رقمطراز ہیں۔
عمر ؓ کی کامیابیاں مؤثر ثابت ہوئیں۔ (حضرت ) محمد ؐکے بعد فروغ اسلام میں عمرؓ کا نام نہایت اہم ہے ۔ ان سریع الرفتار فتوحات کے بغیر شاید آج اسلام کا پھیلاؤ اس قدر ممکن نہ تھا۔ مزید برآں اس کے دور میں مفتوح ہونے والے علاقوں میں سے بیشتر عرب تمدن ہی کا حصہ بن گئے ۔ ظاہر ہے کہ ان تمام کامیابیوں کا اصل محرک تو (حضرت ) محمدؐ ہی تھے ۔ لیکن اس میں عمرؓ کے حصہ سے صرف نظر کرنا بھی ایک بڑی ضاغلطی ہو گی۔ اس کی فتوحات (حضرت ) محمدؐ کی تحریک ہی کا نتیجہ تھیں۔ اس سے بلا شبہ کچھ پھیلاؤ عمل میں آتا لیکن ایسی عظیم وسعت عمر ؓ کی شاندار قیادت کے بغیر ممکن نہیںتھی ۔
اس امر میں کچھ لوگوں کو ضرور تعجب ہو گا کہ مغرب میں عمرابن الخطاب ؓ کی شخصیت اس طور پر معروف نہیں ہے۔ تاہم یہاں اس فہرست میں اسے چارلی میگنی اور جولیس سیرز جیسی مشہور شخصیات سے بلند درجہ تفویض کیا گیا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ تمام فتوحات جو عمر ؓکے دور خلافت میں واقع ہوئیں ، اپنے حجم اور پائیداری میں ان فتوحات کی نسبت کہیں اہم تھیں جو سیزر یا چارلی میگنی کی زیر قیادت ہوئیں۔
حوالہ جات
-1
اسد الغابہ جز 4ص52،استیعاب جلد 3ص 236
-2
ابن سعد جلد3ص325
-3
ترمذی کتاب المناقب باب مناقب عمرؓ
-4
مجمع الزوائد جلد 9ص62
-5
مجمع الزوائد جلد9ص62
-6
اسد الغابہ جلد 4ص 57والاصابہ جلد2ص519،البدایہ جلد 3ص 30،82
-7
بخاری کتاب المناقب باب مناقب عمرؓ
-8
ابن ہشام جلد2ص229
-9
مجمع الزوائد جلد1ص328
-10
بخاری کتاب المغازی باب غزوۃ احد
-11
بخاری کتاب الشروط باب الشروط فی الجہادوکتاب المغازی باب غزوہ حدیبیہ
-12
سیرت الحلبیہ جلد3ص41
-13
بخاری کتاب الجنائز باب الدخول علی المیّت وکتاب المغازی باب مرض النبی
-14
بخاری کتاب المناقب باب مناقب عمر
-15
استیعاب جلد 3ص 239
-16
ابن سعد جلد3ص 274
-17
اسد الغابہ جلد4ص71
-18
استیعاب جلد2ص 343،عمر از محمد حسین ھیکل ص125
-19
بخاری کتاب المغازی باب مناقب عمرؓ
-20
بخاری کتاب فضائل المدینہ
-21
مناقب لابن الجوزی صفحۃ 274
-22
بخاری کتاب المناقب باب مناقب عمر و مجمع الزوائد جلد 9ص 75،استیعاب جلد3ص 242
-23
بخاری کتاب المناقب باب مناقب عمرؓ
-24
تاریخ مدینہ دمشق
-25
بخاری کتاب المناقب باب مناقب عمرؓ
-26
بخاری کتاب المناقب باب مناقب ابوبکرؓ
-27
ابن سعد جلد3ص367
-28
ابن سعد جلد 3ص 61,62
-29
بخاری کتاب المناقب باب مناقب عمرؓ
-30
ابن سعد جلد 3 ص 265
-31
ابن سعد جلد3ص266،265 ،بیھقی جلد 7ص63
-32
بخاری کتاب المناقب باب مناقب عمرؓ
-33
مجمع الزوائد جلد9ص69
-34
بخاری کتاب المناقب باب مناقب عمرؓ
-35
کنزالعمال جلد5ص 228
-36
بخاری کتاب المناقب باب مناقب عمر ؓوترمذی کتاب المناقب مناقب عمرؓ
-37
مسلم کتاب فضائل الصحابہ باب من فضائل عمرؓ
-38
ترمذی کتاب المناقب باب ان اللہ جعل الحق علی لسان عمرؓ
-39
مجمع الزوائدبیھقی جلد9ص73
-40
ابودائود کتاب الوترباب الدعاء
-41
ابن ماجہ کتاب المناسک باب استلام الحجر
-42
مجمع الزوائد جلد9ص70
-43
مناقب عمرؓ لابن الجوزی۔ صفحۃ 224
-44
کرامات اولیاء سیاق ماروی من کرامات امیر المؤمنین ابی حفص
-45
بخاری کتاب المناقب باب مناقب عمرؓ
-46
ابن سعد جلد3ص309
-47
ابن سعد جلد3ص291
-48
ازالۃ الخفاء جلد2ص174,175
-49
جامع الترمذی کتاب الحج باب ماجاء فی تقبیل الحجر
-50
بخاری کتاب الجنائز باب مایکرہ من الصلاۃ علی المنافقین
-51
ابن سعد جلد3ص 274و اسد الغابہ جلد 4ص 69
-52
ترمذی کتاب المناقب،بیھقی جلد 8ص 207
-53
بخاری کتاب الشروط باب الشروط فی الوقف،ابن سعد جلد 3ص 358
-54
ترمذی کتاب المناقب باب رجاہ ان یکون ابوبکر ممن یدعی من جمیع ابواب الجنہ
-55
بخاری کتاب المغازی باب غزوۃ الحدیبیہ
-56
ازالۃ الخفاء جلد2ص174
-57
ابن سعدجلد3ص309
-58
بخاری کتاب التفسیر سورۃ الاعراف باب خذالعفو۔۔۔الخ
-59
بخاری کتاب التفسیر سورۃ التحریم باب تبتغی مرضات ازواجک۔۔۔الخ
-60
ابن سعد جلد3ص327
-61
ابن سعد جلد 3ص198،199
-62
منتخب کنز العمال جلد4ص418
-63
بخاری کتاب المناقب باب مناقب عمرؓ
-64
ازالۃ الخفاء جلد 2ص 61
-65
المستطرف جلد1 ص192 وبین یدی عمر از خالدص114 مطبوعہ مصر
-66
منتخب کنز العمال جلد 4ص 348و ابودائود کتاب الزکوۃ
-67
المستطرف جلد 1ص588
-68
کنز العمال جلد 6ص 353
-69
استیعاب جلد 3ص 236،243
-70
ترمذی کتاب المناقب باب مناقب عمرؓ
-71
ترمذی کتاب المناقب باب قولہ ان الشیطان لیخاف من عمر ؓ
-72
ابن سعد جلد3ص312
-73
ازالۃ الخلفاء جلد 2ص79 و اسد الغابہ جلد 4ص71
-74
کنز العمال جلد8ص 308،بیھقی جلد9ص 29
-75
الفاروق شبلی ص302
-76
طبری جلد5ص 25
-77
عمر فاروق اعظم مترجم ص 303از محمد حسین ہیکل
-78
بخاری کتاب الفضائل اصحاب النبی ؐ باب قصۃ البیعہ
-79
ابن سعد جلد 3ص 301
-80
بیھقی جلد 8ص207
-81
کنزالعمال جلد1ص175
-82
مجمع الزوائد جلد 9ص 69,70،استیعاب جلد 3ص 240,243
-83
استیعاب جلد 3ص 236
-84
ترمذی کتاب المناقب باب اماوزیرای
-85
ترمذی کتاب المناقب باب اقتدوابالذ ین من بعدی ابی بکرؓ وعمرؓ
-86
ترمذی کتاب المناقب باب ابوبکرؓ وعمرؓ سیداکھول الجنۃ
-87
سر الخلافہ ترجمہ ازعربی۔ص345،346

حضرت ابو طلحہ انصاریؓ
نام ونسب
نام زیدبن سہل تھا، مدینہ کے قبیلہ خزرج کی شاخ بنو نجار سے تعلق تھا، نام سے زیادہ کنیت ابوطلحہ سے مشہور ہیں۔ مدینہ کے رئیس تھے۔ زبردست تیر انداز ، ماہر شکاری اور بہت بہادر انسان تھے۔ مشہور انصاری خاتون حضرت ام سلیم بنت ملحان ؓکے شوہر تھے۔(1)
قبول اسلام
آپؓ کے قبول اسلام کا واقعہ بھی بہت دلچسپ ہے۔ مدینہ میں اسلام کا پیغام پہنچا تو ام سلیمؓ نے جو مدینہ کی معزز اور عقلمند خاتون تھیں بے دھڑک اسلام قبول کر لیا۔ان کے شوہر مالک اس پر ناراض ہو کر مدینہ سے چلے گئے۔ کچھ عرصہ بعد ابو طلحہؓ نے انہیں شادی کا پیغام بھیجا۔ ام سلیمؓ نے جواب دیا کہ ابو طلحہؓ جیسے عظیم انسان کا پیغام ردتو نہیں کیا جاسکتا مگر ہمارے درمیان کفرواسلام کا اختلاف شادی میں مانع ہے۔ ہاں اگر ابو طلحہؓ اسلام قبول کر لیں تو میں ان کے مسلمان ہونے کی خوشی میں اپنا مہر بھی چھوڑ دوں گی اور ابو طلحہؓ کے قبول اسلام کو ہی اپنا مہر سمجھوں گی ۔ چنانچہ ابو طلحہؓ نے اسلام قبول کرکے ام سلیمؓ سے شادی کرلی۔
حضرت ثابتؓ کہا کرتے تھے کہ میں نے آج تک کسی عورت کے بارہ میں نہیںسنا کہ اس کا مہر ایسا قابل عزت ہو جیسا کہ ام سلیمؓ کا مہر تھا۔ (2)
دین کی خاطر کی جانے والی یہ شادی بہت بابرکت ثابت ہوئی اور اس گھرانے نے اخلاص اور ایمان میں ایک غیر معمولی ترقی کی۔ میاں بیوی اسلام کی خدمات میں ایک دوسرے سے سبقت لینے لگے ۔اپنے آقا حضرت محمد مصطفی ﷺکے ساتھ اخلاص و فدائیت کے عجیب اور حیرت انگیز نمونے ان سے دیکھنے میں آئے اورآپؐ کی ایسی بے تکلفی اس گھرانے کے ساتھ ہوئی کہ حضور ﷺ ان کے گھر کو اپنا ہی گھر سمجھتے اور اپنی ذاتی ضروریات کیلئے بلاترددّ انہیں یاد فرمایا کرتے تھے۔
حضرت انسؓ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم جب مدینہ تشریف لائے تو ابو طلحہؓ کو فرمایا کہ کوئی ایسا مناسب بچہ تلاش کرو جو ہمارے گھر کے کام کاج کر دیاکرے۔ میرے والدابو طلحہؓ نے مجھے اپنی سواری کے پیچھے بٹھایا اور نبی کریم ﷺکی خدمت میں پیش کرکے عرض کیا کہ حضور انس بہت سمجھدار لڑکا ہے یہ آپ کے کام کاج سنبھال لے گا۔ حضرت انسؓ کہتے ہیں کہ اس وقت سے مجھے نبی کریمؐ کی خدمت کرنے کی سعادت نصیب ہوئی او رغزوہ خیبر سے واپسی تک میں یہ خدمت انجام دیتا رہا ۔ (3)
نبی کریم ﷺکے اس خاندان سے قربت و محبت کے گہرے مراسم قائم ہوئے ۔ ابوطلحہؓ اور ام سلیمؓ دونوں میاں بیوی دل و جان سے اپنے آقا و مولا حضرت محمدمصطفی ﷺپر فدا اور آپ کی خدمات میں پیش پیش رہتے تھے۔حضور ﷺکے گھر شادی وغیرہ کے موقع پر ام سلیم ؓ انتظام و انصرام اپنے ذمہ لے لیتی تھیں۔ حضرت صفیہؓ کی شادی کے موقع پر بھی انہیں تیار کرنے کی خدمت ام سلیمؓ بجالائیں۔ حضرت زینب ؓ کی شادی کے موقع پرحضرت ام سلیمؓ نے دعوت ولیمہ کے لئے کھانا اپنے گھر سے تیار کرکے بطور تحفہبھجوایا۔ (4)
حضرت ابو طلحہ ؓ بھی اپنی مخلص اور فدائی بیوی کی طرح ہر دم ہر قربانی کیلئے مستعد ہوتے تھے۔ عرض کرتے تھے کہ اے خدا کے رسول ﷺ !اپنی ضروریات وحاجات کے سلسلہ میں مجھے خدمت کا موقع عطا فرمایا کریں اور جو حکم چاہیں ارشاد فرمائیں آپ مجھے ہمیشہ ہر کام کیلئے مضبوط اور قوی پائیں گے۔(5)
رسول اللہ ﷺکی شفقتیں
چنانچہ حضورؐنے مختلف مواقع پر اس خاندان کو خدمت کے مواقع عطا فرمائے۔ ایک دفعہ مدینہ میں رات کو اچانک کچھ شور بلند ہوا۔ اس زمانہ میں بیرونی دشمن سے بھی خطرات درپیش تھے۔ نبی کریمﷺ نے مدینہ کے گردو نواح کا فوری جائزہ لینے کا ارادہ فرمایا اور ابو طلحہؓ کے گھر جاکر ان کا گھوڑا مندوب نامی عاریتہ لیا،جلد ی میں اس کی ننگی پشت پر زین ڈالنے کی زحمت بھی گوارا نہ فرمائی۔ واپس آکر فرمایا کہ خطرے کی کوئی بات نہیںاور ابو طلحہؓ کے گھوڑے کی تعریف کرتے ہوئے فرمایا کہ’’ میں نے اسے بہنے والے دریا کی طرح تیز رفتا ر اوررواں پایا ہے۔‘‘ابو طلحہؓ کا یہ گھوڑا اڑیل تھا مگر اس کے بعد نبی کریم ﷺکی برکت سے ایسا تیزہوا کہ کوئی گھوڑا دوڑ میں اس کا مقابلہ نہ کر سکتا تھا۔(6)
نبی کریم ﷺکی اس گھرانے سے بے تکلفی تھی۔ آپ گاہے بگاہے ان کے گھر تشریف لے جاتے تھے۔ ایک دفعہ ام سلیمؓ نے نبی کریم ﷺکی دعوت کی کھانا تناول فرمانے کے بعد رسولؐاللہ نے بغرض دعا کچھ نوافل باجماعت پڑھائے۔ حضرت انسؓ بیان کرتے ہیںکہ میں نے اور ہمارے گھر کے ایک بچے نے حضور ؐ کے پیچھے صف بنائی اور ہماری بوڑھی والدہ پیچھے کھڑی ہوئیں۔ (7)
ابو طلحہؓ کے بچوں سے بھی نبی کریم ﷺ کا بے تکلفی ،محبت و پیار کا عجیب تعلق تھا۔ ابو طلحہؓ کے ایک کمسن بیٹے کو اہل خانہ پیارے سے ابو عمیر کی کنیت سے بلاتے تھے۔ ایک دفعہ نبی کریم ﷺنے اس بچے کو پریشان دیکھ کرسبب پوچھا۔ گھروالوںنے بتایا کہ ابو عمیر کا وہ پرندہ اچانک مر گیا ہے جس سے یہ کھیلتا تھا اس لئے غمزدہ ہے ۔نبی کریم ﷺابو عمیر سے اس پرندے کے بارہ میں پوچھ کر اس کا دل بہلانے لگے کہ اے ابو عمیر تمہارے پالتو پرندہ کیاہوا؟بعد میںنبی کریم ﷺ خوش نصیب گھرانے کے اس بچے سے پیا رو محبت کے ساتھ اس کے پرندے کے بارے میں باتیں کیا کرتے۔(8)
حضرت ابو طلحہؓ کا کھجوروں کا باغ بیر حاء نامی مسجد نبوی کے بالکل سامنے تھا۔نبی کریم ﷺاس میں گاہے بگاہے تشریف لے جاتے تھے۔ کھجوریں تناول فرماتے اس کے کنوئیں کا تازہ ٹھنڈا پانی پیتے۔(9)
حضرت ابو طلحہ ؓ کو نبی کریم ﷺکی محبت کاکمال عرفان عطا ہوا تھا جس کے نتیجہ میں ان سے عشق ووفا کے عجیب نظارے ظاہر ہوئے۔
تبرکات نبوی ﷺ
حضرت ابوطلحہؓ کمال ادب اور شوق سے حضوؐر کے تبرکات جمع کرنے کی سعی کرتے اور ان کی حفاظت فرماتے تھے۔ جب آنحضور ﷺبال کٹواتے تو ابو طلحہؓ وہ پہلے شخص ہوتے جو تبرک کی خاطر آپؐ کے بال حاصل کرتے تھے۔ (10)
خود رسول اللہ ﷺ کو ابو طلحہؓ کی اس خواہش اور تمنا کا احترام ہوتا تھا۔ چنانچہ حجۃ الوداع کے موقع پر نبی کریم ﷺ نے بال کٹوائے تو آدھے سر کے بال دیگر صحابہ نے لئے کسی کے حصہ میں ایک اور کسی کے دو بال آئے۔ پھر حضور ﷺنے ابو طلحہؓ کو یاد فرمایا اور دوسرے نصف سر کے سارے بال ان کو عطا فرمائے۔ ابو طلحہؓ کے گھر میں یہ بال ام سلیمؓ نے شیشی میں محفوظ کرکے رکھے ہوئے تھے جو لمباعرصہ محفوظ رہے اور پورا گھرانہ اس سے برکت حاصل کرتا رہا۔(11)
حضرت ابو طلحہؓ نے رسول ؐ اللہ کا ایک پیالہ بھی تبرکاً سنبھال کے رکھا ہوا تھا ۔ جوشکستہ ہونے کے بعد لوہے کی تار سے جڑا تھا۔ حضرت انسؓ نے ایک دفعہ یہ خواہش ظاہر کی کہ لوہے کے تار کی بجائے سونے یا چاندی کے تار سے اس پیالے کا حلقہ باندھا جائے۔ حضرت ابو طلحہؓ نے یہ بھی گوارا نہ کیااور انسؓ کو کہہ کر روک دیا کہ نبی کریم ﷺ کی بنائی ہوئی چیز میں ہرگز کوئی تبدیلی نہیں کرنی۔ گویا اس متبرک پیالے کو ویسا ہی رہنے دو جیسا ہم نے نبی کریمؐ سے پایا۔ چنانچہ حضرت انسؓ نے ایسا ہی کیا۔(12)
مہمان نوازی
مدینہ کے ابتدائی دور کے کٹھن اور مشکل حالات میں رئیس مدینہ ابو طلحہؓ اور ان کے خانوادے نے جس طرح نبی کریم ﷺکی تائیدونصرت کی توفیق پائی وہ اپنی مثال آپ ہے۔ اس پر آشوب دور کا تذکرہ ہے، ایک دن ابو طلحہؓ نے ام سلیمؓ سے آکر کہا کہ میں نے رسول کریم ﷺکی آواز میں ضعف محسوس کیا ہے جو مسلسل فاقہ کی وجہ سے معلوم ہوتا ہے۔ کیا تمہارے پاس گھر میں کھانے کیلئے کچھ ہے؟ام سلیمؓ نے اثبات میں جواب دیا بلکہ جوکی کچھ روٹیاں ایک کپڑے میں لپیٹ کر آپ نے حضرت انسؓ کو رسول کریم ﷺکے پاس بھجوایا۔
حضرت انسؓ بیان کرتے ہیں کہ میں حضور ؐکے پاس مسجد نبوی میں حاضر ہوا آپؐ صحابہ کے ساتھ تشریف فرما تھے اور سامنے جاکر کھڑا ہوگیا۔ رسول اللہ ﷺ نے خود ہی استفسار فرمایا کہ کیا ابو طلحہؓ نے تمہیں کھانے کی کوئی چیز دے کر بھجوایا ہے۔ حضرت انسؓ نے عرض کیا جی حضور !رسول اللہ ﷺ نے تمام حاضرین مجلس سے فرمایا چلو(ابوطلحہؓ)کے گھر چلیں میں نے آگے جا کر ابو طلحہؓ کو خبر کی رسول اللہ ﷺ صحابہ کے ساتھ تشریف لارہے ہیں۔ ابو طلحہؓ نے ام سلیمؓ سے فکر مندی میں بات کی کہ رسول اللہ ﷺ تو لوگوں کے ساتھ تشریف لارہے ہیں اورہمارے پاس کھانا پیش کرنے کا مناسب انتظام نہیں ہے۔ ام سلیمؓ نے کما ل توکل سے جواب دیا کہ اللہ اور اس کا رسولؐ بہتر جانتے ہیں،تب ابو طلحہؓ رسول اللہ ﷺ کے استقبال کے لئے گھر سے نکل کھڑے ہوئے اور حضوؐرکو خود اپنے ساتھ لے کر آئے۔ حضورؐ نے آتے ہی ام سلیمؓ سے فرمایا کہ جو کچھ تمہارے پاس ہے وہ لے کر آئو۔ام سلیمؓ وہی روٹیاں لے آئیں۔رسول کریم ﷺ کے حکم پر ان روٹیوں کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کئے گئے اور ام سلیمؓ نے اپنے ایک گھی کے برتین میں پڑا کچھ گھی نکال کر ان پر ڈالا۔پھر رسول اللہ ﷺ نے اس پر دعا کی اور فرمایا کہ دس دس کرکے صحابہ اندر آتے جائیں اور کھانا کھاتے جائیں۔ اس طرح موجود تمام حاضرین نے کھانا تناول کیا جن کی تعداد ستر کے قریب تھی۔(13)
اس واقعہ سے جہاں ابو طلحہؓ کی محبت وادب رسولؐ اور ام سلیمؓکے توکل علی اللہ کا اندازہ ہوتا ہے وہاں نبی کریم ﷺ کی سیرت کا یہ خوبصورت پہلو بھی سامنے آتا ہے کہ فاقہ کی حالت میں بھی تنہا کھانا پسند نہیں فرمایا جب تک اپنے فاقہ زدہ غلاموں کو بھی ساتھ شامل کر لیا،اور ابوطلحہؓ کے چند روٹیاں بھجوانے کا ایسا لحاظ کیا کہ ان کے گھرتشریف لے جا کر انہی روٹیوں سے نہ صرف تمام صحابہ کی مہمان نوازی کروائی بلکہ سب کو ابو طلحہؓ کیلئے دعائوں کا موقع بھی بہم پہنچایا اور یوں صحابہ کے مابین اخوت مودت کی ایک خوشگوار فضا قائم فرمائی۔
ایثار
ابو طلحہؓ اور ان کے خاندان کو ایسی مہمان نوازی کی سعادت ان کے ایثار اور اہل خانہ کے خلوص کے باعث میسر آتی ہی رہتی تھی۔ چنانچہ ایک اور موقع پر نبی کریم ﷺ کے پاس ایک مہمان آیا۔ آپ نے سب سے پہلے تو اپنے گھرازواج مطہرات کے ہاں پیغام بھجوایا کہ مہمان نوازی کا کچھ انتظام کریں۔ اتفا ق سے اس تنگی و فاقہ کے زمانہ میں کسی گھر سے کچھ میسر نہ آیا۔ اس کے باوجود نبی کریمؐ نے اکرام ضیف کا بندوبست کرنے کیلئے صحابہ کو تحریک فرمائی کہ کون اس مہمان کو اپنے گھر لے جاکر تواضع کر سکتا ہے۔ حضرت ابوطلحہؓ نے بخوشی اس کی حامی بھر لی اور گھر جا کر اپنی اہلیہ سے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کا مہمان آیا ہے اس کی ضیافت کا اہتمام کریں۔ انہوں نے اپنی بے چارگی کا ذکر کیا کہ گھر میں تو صر ف بچوں کیلئے معمولی سا کھانا ہے۔ لیکن ان ایثار پیشہ میاں بیوی نے یہ خوبصورت تدبیر کی کہ بچوں کو بھوکے سلا دیا جائے اور کھانا تیار کرکے مہمان کی خدمت میں پیش کیا جائے۔ چنانچہ ایسا ہی ہوا اور عین کھانے کے وقت گھر کی مالکہ چراغ درست کرنے کے بہانے اٹھیں اور اسے گل کر دیا تاکہ رسول اللہ ﷺ کا مہمان پیٹ بھر کر کھانا کھالے اور اس طرح خود میزبان کھانے میں عملاً شریک نہ ہوئے مگر مہمان کے اعزاز واکرام کی خاطر یہی کرتے رہے کہ گویا وہ کھانے میں شریک ہیں۔ خالی منہ ہلاتے ہوئے مچاکے لیتے رہے ،رات فاقہ سے گزاری اور رسول اللہ ﷺ کے مہمان کی خاطرداری میں فرق نہ آنے دیا۔ صبح جب ابوطلحہؓ نبی کریم ﷺکی خدمت میں حاضر ہوئے تو آپؐ نے فرمایا کہ رات ہمارے مہمان کے ساتھ جو سلوک تم لوگوں نے کیا خداتعالیٰ بھی اس پر خوش ہو کر مسکرا رہا تھا اور تمہاری یہ ادائیں اسے بہت پسند آئیں۔ صحابہؓ رسولؐ کے ارشاد کا یہی وہ مضمون ہے جو قرآن شریف میں سورۃ الحشر آیت10میں بیان ہوا ہے یعنی خدا کے وہ مومن بندے اپنے نفسوں پر اپنے بھائیوں کو ترجیح دیتے ہیں خواہ خود تنگی سے کیوں نہ ہوں۔(14)
صبرورضا
حضرت ابو طلحہؓ اور ان کی اہلیہ صبرورضا کے بھی پیکر تھے۔ بعض ایسے عجیب نمونے میاں بیوی سے ظاہر ہوئے کہ عام حالات میں ان پر یقین کرنا ممکن نظر نہیں آتا مگر فی الحقیقت ایسے واقعات رونما ہوئے۔ ایک دفعہ حضرت ابو طلحہؓ کا بیٹا شدید بیمار تھا نہیں گھر سے باہر کسی کام سے جانا پڑا۔دریں اثناء بچہ بقضائے الہٰی فوت ہوگیا۔ رات گئے واپس آکر ابوطلحہؓ نے بچے کا حال پوچھا آپ کی اہلیہ ام سلیمؓ نے کمال صبرورضا کے ساتھ یہ ذومعنی جواب دیا کہ بچہ پرسکون ہے اورمجھے امید ہے کہ اسے مکمل آرام ہے۔ حضرت ابو طلحہؓ نے اس سے ظاہر ی صحت کا مفہوم مراد لیا اورمیاں بیوی نے خلوت میں رات بسر کی۔ ابوطلحہؓ اگلی صبح جب نماز کیلئے مسجد نبوی جانے لگے ام سلیمؓ نے کہا کہ دراصل اللہ تعالیٰ نے اپنی امانت ہم سے واپس لے لی ہے اور بچہ کے پرسکون ہونے سے میری یہی مراد تھی ابو طلحہؓ اس پر بہت تلملائے اور نبی کریم ﷺکی خدمت میں جاکر شکایتاً عرض کیا کہ ام سلیمؓ نے میرے ساتھ یہ معاملہ کیا ہے۔ حضور ﷺنے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ تمہارے آج رات کے ملاپ میں برکت ڈالے گا، چنانچہ حضرت ام سلیم ؓ کے صبرورضاکی یہ ادا اللہ تعالیٰ کے ہاں ایسی مقبول ٹھہری اور ان کی اولاد میں ایسی برکت پڑی کہ دس بیٹے ہوئے اور سب کے سب قرآن کے حافظ تھے۔(15)
نبی کریم ﷺ کو ابو طلحہؓؓ اور ان کی قوم سے جومحبت تھی اس کا اندازہ اس پیغام سے خوب ہوتا ہے جو حضورؐ نے بوقت وفات ابوطلحہؓ کو دیا کہ ’’اپنی قوم کو میرا سلام پہنچانا بلاشبہ وہ ایسے لوگ ہیں جومجسم صبرورضا ہیں گویا انہوں نے صبر کی لگامیں پہن رکھی ہیں۔ صبر جمیل کی اس سے اعلیٰ تصویر کشی اور کیا ہوسکتی ہے۔ (16)
مالی قربانی
حضرت ابوطلحہؓ مدینہ کے مالدار رئیس تھے مالی قربانی کے میدان میں بھی آپ کسی سے پیچھے نہ تھے بلکہ قربانی کا اعلیٰ ذوق تھا۔ چنانچہ بعض ایسی تاریخی اور مثالی قربانیوں کی توفیق آپ نے پائی جو ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
مسجد نبوی کے سامنے حضرت ابوطلحہؓ کو کھجوروں کا ایک قیمتی باغ تھا جو ’’بیرحائ‘‘کے نام سے مشہور تھا نبی کریمؐ اس باغ میں تشریف لے جاکر گاہے بگاہے آرام فرماتے اور اس کے پھل اور تازہ پانی کے لطف اندوز ہوتے جب قرآن شریف کی یہ آیت اتری ۔(آل عمران :93)کہ کامل نیکی یہ ہے کہ تم وہ چیز خرچ کرو جو تمہیں زیادہ دل پسند اور محبوب ہے۔ حضرت ابوطلحہؓ رسول کریم ﷺکی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا کہ یارسول اللہ ﷺ! اللہ تعالیٰ مالی قربانی کے بارہ میں یہ ہدایت دیتا ہے اور میرا سب سے قیمتی اور پیار ا باغ ’’بیرحائ‘‘ہے۔ آج سے میں یہ باغ اللہ کے نام پر صدقہ کرتا ہوں اور خدا سے اس کے اجروثواب کا امیدوارہوں۔آپ جیسے پسند فرمائیں اسے استعمال میں لائیں۔ رسول کریم ﷺ اس عظیم قربانی پر بہت خوش ہوئے اور ابو طلحہؓ سے فرمایا کہ واہ واہ! یہ تو بہت نفع بخش سودا ہے۔ پھر حضور ﷺنے وہ باغ ابوطلحہؓ کے غریب رشتہ داروں میں تقسیم کروا دیا، فرمایا ہم نے یہ صدقہ قبول کیا۔ اب آپ اپنے مستحق رشتہ داروں میں تقسیم کردیں۔(17)
اطاعت رسول ﷺ
حضرت ابو طلحہؓ نے اطاعت رسولؐ کے میدان میں بھی ایسے بے نظیر نمونے چھوڑے ہیں۔ جو تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف سے لکھے جائیں گے، ایسی ناقابل فراموش مثالیں سچے عشق کے بغیرممکن نہیں،چنانچہ شراب کی حرمت سے پہلے کا واقعہ ہے حضرت ابوطلحہؓ کے گھر میں ہم جلیسوں کی ایک محفل جمی ہوئی تھی۔ مہمانوں کی تواضع کیلئے حسب دستورشراب بھی پیش کی جارہی تھی کہ دریں اثناء مدینہ کی گلیوں میں ایک منادی کرنے والا یہ اعلان کرتا سنائی دیا کہ اے لوگو! سنو شراب حرام کردی گئی ہے۔ اس اعلان کا سننا تھا کہ ابوطلحہؓ نے اس نوجوان کو جوشراب کے جام تقسیم کر رہا تھا حکم دیا کہ شراب کے مٹکے توڑ دو اور ساری شراب بہادو اوراس نوجوان نے بھی فوری تعمیل کی اور چند لمحوں میں مدینہ کے گلی کوچوں میں یہ شراب بہنے لگی اور کسی نے اعلان کرنے والے سے پلٹ کر کوئی سوال تک نہیں کیا اور بے چون و چراں اس اعلان کی تعمیل کردی گئی۔(18)
عقل محو حیرت ہے کہ جب شراب کے جام لنڈھائے جارہے ہوں ایسے میں اطاعت کا یہ شاندارنمونہ کہ محض ایک منادی کرنے والے کے اعلان پر شراب کے مٹکے توڑ کر اسے بہا دیا جائے اور کسی قسم کی تصدیق و تحقیق کرنے کی بجائے تعمیل حکم کو اولیت دی جائے۔ اطاعت کی یہ ادائیں حضرت محمدمصطفی ﷺکے تربیت یافتہ غلاموں میں ہی نظر آتی ہیں۔
غزوات میں شرکت
حضرت ابوطلحہؓ نبی کریم ﷺکے ساتھ غزوات میں شریک ہوکر شجاعت اور ایثارو فدائیت کے مظاہرے کرتے رہے۔ غزوہ بد ر میں بھی آپ شریک تھے خود بیان کرتے تھے کہ جنگ بدر میں اسلامی لشکر کفار مکہ کے بالمقابل صف آراء تھااور مسلمانوں کو تازہ دم کرنے اور ان کے آرام اور تسکین کیلئے عارضی طور پر نیند کے غالب آنے کاجو نشان عطا کیا گیا اس کا سورہ انفال کی ابتدائی آیات میں ذکر ہے آپ اس ا لہٰی نشان کے بذات خود شاہد تھے۔
چنانچہ میدان بدر میں اونگھ آجانے کے باعث آپ کے ہاتھ سے تلوار گر جاتی تھی آپ پھر پکڑتے اور وہ پھر گرتی تھی۔(19)
حضرت ابو طلحہؓ زبردست جنگجو تھے بلند آواز رکھتے تھے اور میدان جنگ میں شیر کی طرح گرج کر دشمن پر حملہ آور ہوتے تھے۔ نبی کریم ﷺ فرمایا کرتے تھے کہ لشکر میں تنہا ابو طلحہؓ کی آواز ایک جماعت کی آواز پر بھی بھاری ہوتی ہے۔(20)
غزؤہ احد میں فدائیت اور جانثاری
معرکہ احد میں بھی حضرت ابوطلحہؓ نے شجاعت و بہادری کے خوب جوہر دکھائے اور جان ہتھیلی پر رکھ رسول کریم ﷺکی حفاظت کا حق ادا کر دکھایا۔
حضرت انسؓ بیان کرتے ہیں کہ احد کے دن جب کفار کے غیر متوقع حملہ سے مسلمانوں کی پسپائی ہوئی اور ایک وقت میںنبی کریم ﷺچند صحابہ کے ساتھ میدان میں رہ گئے۔ اس وقت ابو طلحہؓ نبی کریم ﷺکے آگے ڈھال بن گئے۔ کفار کے تیروں اورنیزوں کا واحد نشانہ رسول اللہ ﷺتھے اور ابو طلحہؓ آپ کے آگے سینہ سپر تھے۔ آپؓ زبردست تیرانداز تھے۔ بدر کے دن اس مرد میدان نے ایسی بلا کی تیراندازی کی کہ دو تین کمانیں توڑ ڈالیں۔ایک شخص کے پاس تیروں کا تھیلا ہوتا تھااس کی ڈیوٹی تیر اندازوں کو تیر مہیا کرنا تھی۔ نبی کریمؐ اسے فرماتے تھے کہ ابو طلحہؓ کے آگے تیر ڈال دو اور پھر جب ابو طلحہؓ نشانہ باندھ کر تیر چلاتے تو رسول اللہ ﷺ کی نظریں اس کا تعاقب کرتیں اور آپؐ سر اٹھا کر دیکھنا چاہتے کہ اس مجاہد کا تیر دشمن کی صفوں میں کہا ں جاکے پڑا ہے۔ ابو طلحہؓ کواپنے سے زیادہ اپنے آقا کی جان عزیز تھی۔ وہ نہایت ادب اور محبت سے عرض کرتے میرے ماں باپ آپ پر فدا ہوں یوں سر اٹھا کے نہ دیکھا کیجئے ۔کہیں دشمن کا کوئی تیر میرے آقا کو گزند نہ پہنچائے۔ اللہ کے رسولﷺ ! میں جو آپ کے آگے سینہ سپر ہوں۔ میرا سینہ آپ کی طرف پھینکے گئے ہر تیر کو کھانے کیلئے تیار ہے۔ (21)
خوش نصیب ابو طلحہؓ انصار کے ساتھ میدان احد میں ہی ایک اور بزرگ جانثار صحابی(جو قریش سے مہاجرین میں سے تھے)حضرت طلحہؓ بن عبید اللہ کو بھی نبی کریم ﷺکے آگے پیچھے لڑنے اورکما ل فدائیت سے آپ کا دفاع کرنے کی سعادت عطا ہوئی۔ وہی طلحہؓ جنہوں نے رسول اللہ ﷺ کے چہرہ کی حفاظت کے لئے اپنا ہاتھ بطور ڈھال تیروں کے آگے کر دیا تھا اور ہاتھ کی انگلیاں شل ہو کر وہ ٹنڈا ہوگیا تھا۔ (22)
نام اور فدائیت میں مشابہت کے باعث بعض دفعہ ابو طلحہؓ (انصاری)اور طلحہؓ بن عبید اللہ (قریشی) میں امتیاز نہیں رہتا اور تشابہ پیدا ہو جاتا ہے اس لئے یہ فرق مد نظر رکھنا ضروری ہے۔
غزوہ خیبر
رسول اللہ ﷺکا یہ جان نثار اور فدائی ابوطلحہؓ غزوہ خیبر میں بھی اپنے آقا کے ہمرکاب تھا۔ اور رسول اللہ ﷺ کے قرب میں رہ کر خدمات کی سعادت پاتا رہا،حضرت انسؓ بیان کرتے ہیں کہ میں ابوطلحہؓ کی سواری پر ان کے پیچھے سوار تھا ۔ جب ہم خیبر پہنچے تو ابو طلحہؓ کی سواری رسول اللہ ﷺ کی سواری کے اس قدر قریب تھی کہ میرے گھٹنے نبی کریم ﷺکی رانوں کو چھو رہے تھے۔ (23)
غزوہ خیبر سے واپسی پر بھی ابو طلحہؓ رسول کریم ﷺ کی حفاظت کے خیال سے قدم بقدم آپ کے ساتھ رہے ۔ایک موقع پر جب نبی کریم ﷺکی وہ اونٹنی ٹھوکر لگنے سے گری جس پر حضورؐ کے ساتھ ام المومنین حضرت صفیہ ؓ بھی سوار تھیں، حضور ﷺ کے ساتھ وہ بھی گر پڑیں۔ باوفا ابو طلحہؓ نے دیوانہ وار اپنے اونٹ سے چھلانگ لگا دی اور لپک کر رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوکر عرض کیا میرے آقا!میں آپ پر قربان آپ کو کوئی گزند تو نہیں پہنچی ۔کوئی چوٹ تو نہیں آئی۔ آپؐ نے فرمایا نہیں تم پہلے عورت یعنی حضرت صفیہؓ کی خبر گیری کرو۔ ابو طلحہؓ نے کمال حیاداری کے ساتھ پہلے اپنے چہرہ پر کپڑا ڈال کر پردہ کیا تب ام المومنینؓ کی طرف رخ کیا۔ اور پھر وہ کپڑا انہیں اوڑھا دیا اور حضرت صفیہؓ اطمینان سے اٹھ کر سنبھل گئیں۔ ابو طلحہؓ نے دریں اثناء حضور ﷺکی اونٹنی کا پالان مضبوطی سے باندھا پھر حضور ﷺ کو اورحضرت صفیہؓ کو سوار کرواکے روانہ کیا۔(24)
فتح مکہ اور حنین میں شرکت
فتح مکہ اور غزوہ حنین کے تاریخی معرکوں میں بھی حضرت ابو طلحہؓ شریک ہوئے۔ حنین کے موقع پر آپؓ کی زوجہ حضرت ام سلیمؓ اپنے پاس ایک خنجر لئے شریک سفر تھیں۔ حضرت ابوطلحہؓ نے برسبیل تذکرہ نبی کریم ﷺ سے اس کا ذکر کر دیا کہ یارسول اللہ ﷺ ام سلیمؓ بھی کمر بند میں خنجر اڑسے پھرتی ہیں۔ حضور ﷺ نے ان سے پوچھ لیاکہ آپ اس خنجر کو کیا کریں گی؟ وہ بولیں اگر کوئی دشمن رسولؐ میرے قریب آیا تو اسے ٹھکانے لگائے بغیر نہ چھوڑوں گی۔(25)
حنین کے موقع پر بھی ابوطلحہؓ نے شجاعت کے خوب جوہر دکھائے۔ نبی کریم ﷺنے اعلان فرمایا تھا کہ جو مجاہد کسی کافر کو قتل کرے گا اس کا اسلحہ اور سواری بطور مال غنیمت اسے ملیں گے ۔ ابو طلحہؓ کے ہاتھوں اس روز بیس دشمنان اسلام ہلاک ہو کر کیفر کردار کو پہنچے۔(26)
ابو طلحہؓ کی ایک اور سعادت
رسول کریم ﷺکی وفات کے بعد تدفین کیلئے جب یہ سوال پیدا ہوا کہ لحد بنائی جائے یاسیدھی قبر ہوتو حضرت عباسؓ نے یہ معاملہ منشاء الٰہی کے حوالے کرتے ہوئے دو آدمی بیک وقت دونوں قسم کی قبر بنانے والوں کی طرف دوڑا دئیے۔ابو عبیدہؓ سیدھی قبربناتے تھے جسے شق کہتے ہیں ان کی طرف جو قاصد گیا وہ اسے مل نہ سکے۔ ابو طلحہؓ لحد بناتے تھے۔ ان کی طرف بھیجا ہوا آدمی کامیاب واپس لوٹا اور ابو طلحہؓ کو ہمراہ لایا۔ چنانچہ نبی کریم ﷺ کی لحد بنانے کی سعادت بھی ابو طلحہؓ کے حصہ میں آئی۔ (27) اور یوں عمر بھر خدمات رسول ﷺبجالانے والے ابو طلحہؓ کو اس آخری خدمت کی بھی توفیق ملی۔
شوق جہاد
نبی کریم ﷺ کی وفات کے بعد بھی بڑھاپے کی عمر میں جذبہ و شوق جہاد سرد نہیں ہوا۔ چنانچہ خلافت ابو بکرؓ و عمرؓ میں بھی جہاد کی توفیق پاتے رہے بلکہ حضرت عثمانؓ کے زمانہ میں جب پہلا اسلامی بحری بیڑمہم پر روانہ ہونے لگا تو حضرت ابوطلحہؓ نے اس میں شرکت کی خواہش کی اور گھروالوں کو اس کیلئے اس طرح آمادہ کیاکہ قرآن شریف میں(التوبہ :41)کا حکم ہے یعنی جہاد کیلئے ہلکے اور بوجھل ہر حال میں نکلواور جہاد کرو فرماتے تھے کہ اس آیت میں بوڑھوں اور جوانوں دونوں کیلئے حکم ہے کہ جہاد کیلئے نکلیں۔ بیٹوں نے کہا آپ کو تو رسولؐ اللہ اور پھر ابوبکرؓ وعمرؓ کے زمانہ میں جہاد کی سعادت عطا ہوئی۔ اب ہم جو یہ فرض ادا کرنے کیلئے حاضر ہیں آپ آرام کریں،مگر انہوں نے اصرار کرکے اس بحری سفر پر جانے کی تیاری کرکے روانہ ہوئے۔ اسی سفر میں ان کی وفات ہوگئی۔دوران سفر ساتویں دن ایک جزیرہ کے پاس بحری بیڑہ آکر رکا تو وہاں انہیں دفن کیا گیا اس عرصہ میں آپ کی نعش بالکل محفوظ رہی اور ا س میں کوئی خرابی پید انہیں ہوئی۔
حضرت ابوطلحہؓ کی وفات 34ھ میں ہوئی۔ حضرت عثمانؓ نے نماز جنازہ پڑھائی ۔ (28)
روایت حدیث میں احتیاط
حضرت ابو طلحہؓ کو اگر چہ رسول کریم ﷺ کی صحبت و رفاقت میں ایک لمبا عرصہ گزارنے کی سعادت عطا ہوئی۔ مگر اپنی تواضع اور انکساری نیز احادیث کے بیان میں احتیاط کے باعث آپ کی روایات بہت کم ہیں۔ اور جو روایا ت ہیں وہ آپ کی گہری دینی بصیرت ، عمدہ مذاق اورمعتدل مزاج کو ظاہر کرتی ہیں ، ایک اہم روایت دین اسلام کی طبعی سہولت اور نرمی سے متعلق رکھتی ہے۔ جس میں قرآن شریف کی صحت کے ساتھ تلاوت میں شدت اور سختی اختیار کرکے اسے مشکل بنانے کی بجائے ایک بنیادی عمومی اصول مدنظر رکھنے کی طرف توجہ دلائی گئی ہے۔ حضرت ابو طلحہؓ بیان کرتے ہیںکہ ایک شخص نے حضرت عمرؓ کے سامنے قرآن شریف کی قراء ت میںکچھ تغیر کیا، حضرت عمرؓ نے کہا کہ میں نے تو نبی کریم ﷺکے سامنے یہ تلاوت اس طرح کی تھی جو قدرے مختلف تھی۔ ابو طلحہؓ کہتے ہیں اس کے بعد ہم رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور ا س شخص نے قراء ت کی تو حضورؐ نے اس شخص کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے فرمایا کہ تم نے درست تلاوت کی ہے ۔حضرت عمرؓ کو کچھ ناگواری ہوئی کیونکہ ان کے اعلیٰ معیار پر وہ قراء ت پوری نہیں اترتی تھی۔ تب آنحضرتؐ نے ارشاد فرمایا کہ اے عمرؓ! قرآن شریف کی ہر قراء ت درست ہے۔ بشرطیکہ یہ بنیادی بات مدنظر رہے کہ ا سمیں معنوی تبدیلی نہ ہو اور معنے ایسے الٹ پلٹ نہ ہو جائیں کہ عذاب کی جگہ مغفرت وبخشش کا مضمون اور بخشش کی جگہ عذاب کا مضمون بنا دیا جائے۔ (29)
دیگرروایات کا تعلق بھی اس عاشق رسولؐ کے نبی کریم ﷺکے ساتھ اس قلبی لگائو اور محبت سے ہے جو ان کی طبیعت کا حصہ تھا۔ بیان کرتے ہیں کہ ایک دن رسول اللہ ﷺ بہت ہشاش بشاش تھے۔ چہرے سے خوشی کے آثار ہویدا تھے، صحابہ نے عرض کیا کہ اے اللہ کے رسولؐ آج خاص بشاشت اور مسرت کے آثار نمایاں ہیں؟فرمایا ہاں میرے رب کی طرف سے ایک آنے والے نے آکر مجھے یہ خوشخبری سنائی ہے کہ’’ آپؐ کی امت میں سے آپؐ پر اگر کوئی ایک دفعہ درود بھیجے گا تو اللہ تعالیٰ اس کی دس نیکیاں شمار کرے گا اور دس خطائیں معاف کرے گا اور اس کے دس درجے بلند کئے جائیں گے اور مزید یہ کہ ا سی طرح کی رحمتیں اور برکتیں اس کی طرف بھی لوٹائی جائیں گی۔‘‘(30)
اللہ تعالیٰ کی بے شمار رحمتیں اور برکتیں ہوں حضرت محمدمصطفی ﷺاور آپؐ کی آل پر اور آپؐ کے اس خاص رفیق حضرت ابو طلحہؓ پر اور خدا کرے کہ ان کے اخلاص و وفا کے نیک نمونے ہم ہمیشہ زندہ رکھنے والے ہوں۔(آمین)
 

MindRoasterMir

لا غالب الاللہ
رکن انتظامیہ
منتظم اعلیٰ
معاون
مستقل رکن
حوالہ جات
1-
اصابہ جز3ص 28
2-
نسائی کتاب النکاح
3-
بخاری کتاب الوصایا
4-
ابو داؤو کتاب الامارہ،بخاری کتاب النکاح
5-
ابن سعد جلد3ص 507
6-
بخاری کتاب الھبہ و کتاب الجہاد
7-
ترمذی ابواب الصلوۃ
8-
ابن سعد جلد 3ص 506والشمائل النبویہ للترمذی
9-
بخاری کتاب التفسیر
-10
بخاری کتاب الوضوء
-11
ابن سعد جلد3ص 505
-12
بخاری کتاب الاشربہ
-13
بخاری کتاب الاطعمہ
-14
بخاری کتاب المناقب
-15
بخاری کتاب الادب
-16
اسد الغابہ جلد2ص 232بیروت
-17
بخاری کتاب الزکوۃ و کتاب والوصایا
-18
بخاری کتاب التفسیر سورۃ المائدہ
-19
بخاری کتاب المغازی
-20
اصابہ جز3ذکر زید بن سہل
-21
بخاری کتاب المناقب
-22
ابن سعد جلد3ص 217
-23
مسند احمد بن حنبل جلد 4ص 102
-24
بخاری کتاب الجہاد
-25
مسند احمد جلد3ص 112
-26
مسند احمد جلد3ص114
-27
مسند احمد جلد4ص 260
-28
ابن سعد جلد 3ص 507
-29
مسند احمد جلد 4ص 30
-30
مسند احمد جلد4ص 29


حضرت ابودُجانہ ؓ انصاری
نام ونسب
نام سماک بن خرشہ تھا۔بعض نے سماک بن اوس بن خرشہ لکھا ہے۔ بنوخزرج قبیلے سے تعلق تھا، والدہ حزمہ بنت ہرملہ تھیں۔ حضرت سعدؓ بن عُبادہ سردار قبیلہ خزرج کے چچا زاد بھائی تھے۔ ہجرت سے قبل اسلام قبول کرنے کی سعادت عطاہوئی، نبی کریم ﷺ جب مدینہ تشریف لائے اور مسلمانوں میں باہم مؤاخات کا سلسلہ جاری فرمایا تو عتبہ بن غزوان کے ساتھ حضرت ابودُجانہ ؓ کی مواخات قائم کرکے دونوں کو بھائی بھائی بنادیا۔
بدر اور احدمیںشجاعت
حضرت ابو دجانہ ؓ کو رسول اللہ ﷺ کی معیت میں تمام غزوات میں شامل ہونے کی سعادت ملی۔ غزوۂ بدر میں نہایت بہادری سے شرکت کی۔ شجاعت اور مردانگی میں آپ کا ایک خاص انداز تھا۔ سرخ رنگ کی پٹی سر پر باندھ لیتے۔ یہ خونی رنگ کاکفن اس بات کا اظہارہوتا کہ جان ہتھیلی پر رکھ کر شہادت کے لئے تیار اور آمادہ ہوکر خداتعالیٰ کی راہ میں آیاہوں۔
غزوۂ اُحد میں بھی شرکت کی جب دوبارہ مسلمانوں پر کفار کا حملہ ہوااور اس کی تاب نہ لاکر بعض مسلمانوں کو مجبوراًپیچھے ہٹنا پڑا تو آنحضرتؐ تنہا میدان میں رہ گئے۔ جو چند صحابہ آپؐ کے ساتھ ثابت قدم رہے ان میں حضرت ابودُجانہؓ بھی تھے۔ اُس موقع پرآنحضرت ؐ نے موت پرصحابہ کی بیعت لی۔ ابودُجانہ ؓ بیعت کرنے والوں میں بھی شامل تھے۔(1)
احد میں دوبارہ جب گھمسان کا رن پڑا تو آنحضرت ﷺ کا خاص دفاع کرنے والے اور آپ کے آگے پیچھے اور دائیں اور بائیں لڑنے والے صحابہ میں طلحہ قریشیؓ اور ابوطلحہؓانصاری کے علاوہ ایک حضرت مصعب بن عمیرؓ تھے۔ جنہوں نے اس راہ میں اپنی جان فدا کر نے کا حق ادا کردکھایا۔ دوسرے صحابی حضرت ابودُجانہؓ تھے جو آنحضور ﷺکا دفاع کرتے انتہائی زخمی ہوگئے۔انہیںبہت زخم آئے مگرحضور ﷺ کی حفاظت سے پیچھے نہیں ہٹے۔(2)
رسول اللہ ﷺ کی تلوار
اُحد کے معرکۂ کا وہ حیرت انگیز اور شاندار واقعہ آپ ہی سے متعلق ہے جب آنحضرت ﷺ نے اپنی تلوار فضا میں لہراتے ہوئے پوچھا تھاکہ کوئی ہے جو آج میری اس تلوار کا حق ادا کرے؟ کون تھا جِسے اس اعزاز کی تمنّا نہ ہو۔ تمام صحابہ صدق دل سے یہ خواہش رکھتے تھے کہ اے کاش! حضورؐ کی یہ زائد تلوار جو آپ نے کسی تلوار کے دھنی کے لئے سنبھال رکھی ہے آج ہاتھ آجائے اوروہ میدان وغا میں بہادری کے جوہر دکھاسکیں آنحضرت ﷺ نے دوبارہ فرمایا کون ہے جو یہ تلوار اس عہد کے ساتھ لے کہ اس کا حق اداکرے گا۔صحابہ خاموش سوچ ہی رہے ہونگے کہ اس تلوارکا کیا حق ہمیں ادا کرنا ہوگا؟ ابودُجانہؓ وہ دبنگ اور متوکل انسان تھے کہ ایک عارفانہ شان کے ساتھ آگے بڑھے اور عرض کیا ’’یارسول ؐاللہ میں یہ عہد کرتا ہوں کہ اس تلوار کا حق ادا کرکے دکھائوں گا۔‘‘ یہ تلوار مجھے عطافرمائیے۔ آنحضرت ﷺ نے آپ کاعزم و حوصلہ دیکھ کر تلوار ان کے حوالہ کردی۔پھر ابودجانہؓ نے جرأت کرکے عرض کیا ’’یا رسولؐ اللہ اب یہ بھی تو فرمادیجئے کہ اس تلوار کا کیا حق مجھے ادا کرنا ہوگا؟‘‘ آپؐ نے فرمایا’’ یہ تلوار کسی مسلمان کا خون نہیں بہائے گی دوسرے کوئی دشمن کافر اس سے بچ کے نہ جائے‘‘اورپھر ابودُجانہ ؓنے واقعۃً تلوار کا یہ حق ادا کرکے دکھادیا۔ وادی احدگواہ ہے کہ وہ تلوار کفار کی گردنوں اور کھوپڑیوں پرچلی اور خوب چلی اورانہیں تہ تیغ کردکھایا۔(3)
ابودُجانہ تلوار لہراتے اوریہ رجزگاتے ہوئے میدانِ اُحد میں نکلے۔
اَنَا الَّذِی عَاھَدَ نِی خَلِیلِی وَنَحنُ بِالسَّفْحِ لَدَی النَّخِیلِ
اَنْ لَّااَقُوْمَ الدَّھْرَ فِیْ الکُیُوْلْ اَضْرِبٌ بِسَیفِ اللّٰہِ وَالرَّسُولِ
یعنی آج میرے پیارے دوست اور میرے آقا حضرت محمدؐنے مجھ سے ایک عہد لیا۔ ہاں! کھجوروں کے دامن میں، پہاڑوں کی اس گھاٹی میں یہ عہد آپؐ نے مجھ سے لیا کہ میں آپ ؐ کی اس تلوار کا حق ادا کرکے دکھائوں اور خدا اور اس کے رسولؐ کی تلوار کے ساتھ دشمنوں کی گردنیں ماروں۔
حضرت ابو دجانہؓ یہ تلوار لے کر اکڑتے ہوئے میدانِ جہاد میں نکلے اور صفوں میں جاکر کھڑے ہوگئے، آنحضرت ﷺ نے جب ابودجانہؓ کی یہ چال دیکھی تو فرمایا کہ’’ عام حالات میں بڑائی کاایسااظہار اللہ تعالیٰ کو پسند نہیں لیکن آج میدان جنگ میں دشمن کے مقابل پر ابودُجانہؓ کے اکڑ کر چلنے کی یہ ادا خداتعالیٰ کو بہت پسند آئی ہے۔‘‘(4)
الغرض اُحد میں حضرت ابودُجانہؓ کے ہاتھ میں رسول اللہ ﷺکی عطا فرمودہ اس تلوار نے خوب خوب جوہر دکھائے ۔ ولیم میور جیسے مستشرق کو بھی لکھناپڑا کہ’’جب اپنی خود کے ساتھ سرخ رومال باندھے ابودجانہ ؓ ان پر حملہ کرتا تھا اوراس تلوار کے ساتھ جواسے محمد ؐ نے دی تھی، چاروں طرف گویا موت بکھیرتاجاتا تھا‘‘(5)
اُحد سے واپسی پر حضرت علی ؓ نے جب اپنی تلوار حضرتِ فاطمہؓ کے حوالے کی اور کہا کہ لو فاطمہؓ یہ میری تلوار سنبھا لو اور دھوکر اسے رکھ دو کہ یہ تلوار کوئی ملامت والی تلوارنہیں، قابلِ ستائش شمشیر ہے جس کے ذریعہ آج میں نے بھی حتی المقدور میدانِ اُحد میں حق شجاعت ادا کرنے کی کوشش کی۔ آنحضرت ؐ نے سن کر تائید کرتے ہوئے فرمایا ہاں اے علی ؓ واقعۃً تم نے آج جنگ کا حق ادا کردیا اور تمہاری تلوار نے بھی۔ مگر تمہارے ساتھ کچھ اور لوگوں نے بھی تو یہ حق ادا کیا ان میں حارث بن الصمّہ بھی ہے۔ ان میں ابودجانہؓ بھی شامل ہے جن کی تلواروں نے میدانِ اُحدمیںکمال کر دکھایا۔(6)
شہادت
حضرت ابودُجانہؓ کی شہادت حضرت ابوبکرؓ کے زمانہ میں جنگ یمامہ میں ہوئی ہے۔ اس موقع پر بھی نہایت ہی مردانگی اور شجاعت اور بہادری کے جوہر دکھاتے ہوئے آپ نے جان قربان کی۔اس جنگ میں مسیلمہ کذاب کے ساتھ جب مقابلہ ہواتو وہ خودایک باغ میں محصور تھا۔درمیان میں ایک بہت بڑی دیوار حائل تھی۔ قلعہ کے دروازے بندتھے اور مسلمانوںکو کچھ سمجھ نہیں آتی تھی کہ وہ کس طرح سے اس باغ کے اندر داخل ہوں اورقلعہ کو کیسے فتح کیا جائے؟ اس موقع پر ابودُجانہؓ کو ایک تدبیر سوجھی۔ انہوں نے مسلمانوںسے کہا کہ مجھے میری تلوارسمیت اُٹھا کر اس باغ کے اندر پھینک دو، مسلمانوں نے ان کی اس خواہش کے مطابق انہیں دیوار کی دوسری طرف پھینک دیا، ابودجانہؓ دشمن کے اس دوسری طرف پہنچ تو گئے جہاں دوسرے مسلمان پہنچ نہیں پارہے تھے لیکن دیوار سے پھینکے جانے کی وجہ سے ان کی ٹانگ کی ہڈی ٹوٹ گئی۔ اس زخم کے باوجود آپ قلعہ کے بڑے دروازے پرکھڑے ہوگئے اورتلوارسے لڑتے اور جہادکرتے رہے اور اس وقت تک پیچھے نہیں ہٹے۔ جب تک مسلمان اس دروازے سے باغ کے اندر احاطے میں داخل نہیں ہوگئے۔انہوں نے جاکر مسیلمہ کذاب پر حملہ کیا۔ ایک اور صحابی بھی اس حملے میں شریک تھے لیکن مسیلمہ کذاب کو ہلاک کرنے والوں میں حضرت ابودجاؓنہ بھی شامل تھے جن کی مدد سے مسیلمہ ہلاک ہوا۔ آپؓ نے بڑی بہادری اور جرأت سے جاکر مسیلمہ کذاب پر حملہ کیا اور اس راہ میں لڑتے ہوئے جنگ یمامہ میں شہیدہوکر جان دے دی۔ (7)
حضرت ابودجانہ ؓ کی شہادت ثقہ روایت کے مطابق جنگ یمامہ میں12ھ میں ہوئی اور یوں آپ نے آنحضرت ﷺکی اس عطافرمودہ تلوار( جس کے ذریعے حضور ؐنے آپ پر ایک عظیم الشان اعتماد کااظہار کیاتھا) اس کا حق حضوؐر کی وفات کے بعد جنگ یمامہ میں بھی ادا کرکے دکھادیا۔
صفائی قلب و باطن
حضرت ابو دجانہؓ نہایت اعلیٰ اخلاق کے مالک تھے۔ ایک دفعہ بیمار ہوئے تو چہرہ چمک رہا تھا۔کسی نے سبب پوچھا تو کہنے لگے کہ اپنے دو اعمال کی وجہ سے میرادل خوش ہے۔ شاید اللہ تعالیٰ ان کو قبول کرلے۔ ایک تو یہ کہ میں کبھی کوئی لغو کلام نہیں کرتا نہ کسی کے بارہ میں کوئی غیبت نہ کوئی لغو بات نہ کوئی لایعنی کلمہ اپنی زبان پر لاتا ہوں۔ دوسرے یہ کہ اپنا دل مسلمان بھائیوں کے لئے ہمیشہ صاف رکھتا ہوں اور کبھی کسی مسلمان کے لئے میرے دل میں کوئی کینہ اور بغض پیدا نہیںہوا۔(8) یہ وہ صاف اور پاک دل لوگ تھے جنہوں نے خداتعالیٰ کی راہ میں اپنی جانیں نچھاور کرکے اپنی پاک باطنی پر مہرکردی۔
حضرت ابودجانہ ؓ کی شادی اپنے ننھالی خاندان کی ایک خاتون آمنہ بنت عمرو سے ہوئی تھی۔ جس سے ایک بیٹے خالدکا ذکرملتا ہے۔(9)ان کی اولاد مدینہ اور بغداد میں آبادہوئی۔
اللہ تعالیٰ ہمیں ان کے نیک اور پاک نمونہ پر چلنے کی توفیق عطافرمائے۔آمین

حوالہ جات
1-
ابن سعد جلد3ص556
2-
اصابہ جز7ص57
3-
ابن سعد جلد3ص556،مسلم کتاب فضائل الصحابہ باب فضائل ابی دجانہ
4-
اسد الغابہ جلد2ص352
5-
لائف آف محمدص 251،252بحوالہ سیرت خاتم النبیینؐ
6-
ابن سعد جلد3ص557
7-
اسد الغابہ جلد2ص353
8-
ابن سعد جلد3ص557
9-
ابن سعد جلد3ص556

حضرت محمد بن مسلمہؓ
تعارف و قبول اسلام
دراز قد، دوہرا بدن ، گندم گوں رنگ، یہ تھے حضرت محمد مسلمہ انصاریؓ جن کا تعلق اوس قبیلے سے تھا۔ آنحضرت ﷺ کی بعثت سے بائیس سال قبل پیداہوئے۔ان کی خوش نصیبی کہ اس وقت نام محمدرکھا گیا،کنیت ابوعبدالرحمان معروف تھی۔
اسلام کے پہلے مبلغ حضرت مصعب ؓ بن عمیرجب مدینہ تشریف لائے ہیں تو ابتداء میں ہی ان کی تبلیغی کوششوں کے نتیجہ میں حضرت سعدبن معاذؓسے پہلے حضرت محمد بن مسلمہؓ مسلمان ہوئے ۔پھر رسول اللہ ﷺ نے مواخات کا سلسلہ قائم فرمایا تو آپ کوحضرت ابوعبیدہؓ بن الجراح کا اسلامی بھائی بنایا گیا۔ (1)
حضرت ابوعبیدہؓ بن الجراح وہ بلند پایہ صحابی ہیں جو عشرہ مبشرہ میں شمار ہوتے ہیں یعنی ان صحابہ میں جنہیں آنحضرت ﷺنے اُنہیں ان کی زندگی میں جنت کی نوید سنائی تھی۔ ان کے ساتھ محمد بن مسلمہؓ کا اسلامی رشتہ اخوت بھی ایک اعزاز تھا۔حضرت محمدبن مسلمہؓ کو نہ صرف خود صحابی ہونے کا شرف حاصل تھا بلکہ آپؓ کے پانچ بیٹوں جعفرؓ، عبداللہؓ،سعدؓ،عبدالرحمنؓ اور عمرؓ کو بھی آنحضرت ﷺکی صحابیت کی سعادت نصیب ہوئی۔(2)
شہسواررسول ﷺ
رسول کریم ﷺ محمد بن مسلمہؓ کی فدائیت، عزم راسخ ، بہادری اور دلیری کی وجہ سے ان پر بہت اعتماد فرماتے تھے۔چنانچہ آپؐ نے بڑی بڑی مہمات ان کے سپرد فرمائیں۔ جن کو سرکرتے ہوئے وہ نہایت کامیابی سے واپس لوٹے۔چنانچہ ان خدمات کی وجہ سے انہیں ’فارسِ نبی اللہ‘ یعنی آنحضرت ؐ کے شہسوار کے لقب سے یاد کیاجاتا تھا۔(3)
وہ دلیر اورنڈر ایسے تھے کہ تنہا یہ شہسوار رسول اللہ ﷺ کے دستے کا کام دیتے اور جس طرف بھجوائے جاتے کامیابی سے ہمکنار ہوکر واپس لوٹتے۔غزوات رسولؐ میں اسی جذبہ ایثاروفدائیت کے ساتھ شامل ہوتے۔ بدر میںحضورؐ کے ساتھ شریک تھے۔ اُس کے بعد جب یہود بنو قینقاع کی طرف سے بدعہدی ظاہر ہوئی اور مدینہ سے انکے اخراج کا معاملہ سامنے آیا، توآنحضرت ﷺنے یہ نہایت نازک ذمہ داری حضرت محمد بن مسلمہؓ کے سپرد فرمائی ۔اورانہوں نے بنوقینقاع کی جلاوطنی اور اس ضمن میں اموال کی وصولی کی تمام ذمہ داریاں احسن رنگ میں اداکیں۔
اس کے بعد یہود بنو نضیر اور بنوقریظہ کے سرداروں کی بعض ریشہ دوانیوں ، قتل کے منصوبوں اور دیگر سازشوں کو کچلنے کے لئے انہوں نے غیر معمولی اہم خدمات انجام دیں۔ یہودی سردار کعب بن الاشرف کی طرف سے جب عہدشکنی ، بغاوت ، تحریک جنگ ،فتنہ پردازی، فحش گوئی اور سازش قتل کے الزامات پایٔہ ثبوت کو پہنچ گئے تو نبی کریم ﷺنے حاکم مدینہ کے طور پر کعب کو سزا دینے کا فیصلہ فرمایا جو سزائے موت سے کم نہ ہوسکتی تھی۔(4)
رسول کریم ﷺنے ازراہ حکمت مدینہ کے مخصوص حالات کی وجہ سے کعب کے باضابطہ اعلان قتل سے احترازکیا تاکہ مدینہ خانہ جنگی اورکشت وخون سے بچ جائے۔یہ نازک اور اہم ذمہ داری خاموشی سے اداکرنے کے لئے نبی کریم ﷺنے حضرت محمدبن مسلمہؓ کومقررفرمایا۔انہوں نے عرض کیاکہ اس مقصد کے حصول کے لئے انہیں کوئی عذرتراشناپڑے گاتاکہ مجرم کو گھر سے نکال کر کیفرکردار تک پہنچایاجاسکے۔ نبی کریم ﷺنے وسیع ترقومی و سیاسی مفاد کے پیش نظراس کی اجازت دی۔ محمدبن مسلمہؓ نے ابونائلہ اور دو تین اصحاب کے ساتھ کعب کے مکان پر جاکر کچھ قرض کا مطالبہ کیا کہ نبی کریم ﷺہم سے صدقہ کا تقاضا کرتے ہیں۔ اس نے کہاکہ ابھی تو تم اور بیزار ہوکر اسے ترک کروگے۔محمد بن مسلمہؓ نے کہا اب تو ان کی پیروی کی ہے تو دیکھنا ہے کہ کیا انجام ہوتا ہے مگر تم بتائو قرض دو گے یا نہیں؟ اس نے اپنی طبعی شرارت سے بطور ضمانت عورتیں یا بیٹے رہن رکھنے کا مطالبہ کیا۔آخرطے پایا کہ ہتھیار رہن رکھے جائیں اورمحمدبن مسلمہؓ رات کا وعدہ کرکے واپس آگئے۔ یوں انہیں کعب کے ڈیرے پر کھلے عام ہتھیار لے جانے کی اجازت مل گئی۔ شام کو یہ پارٹی ہتھیارسے مسلح ہوکر وہاں پہنچی اور محمد بن مسلمہؓ اور ان کے ساتھیوں نے کعب کا کام تمام کردیااور رسول اللہ ﷺکی خدمت میں اس کی اطلاع کردی۔(5)
اگلے روز یہود کا وفدرسول کریم ﷺ کی خدمت میں کعب کے قتل کی شکایت لے کر آیا تو آپؐ نے کعب کی عہد شکنی، تحریک جنگ اور سازش قتل کے گھنائونے جرائم گنوائے جس پر وہ خاموش ہوگئے۔ (6)
الغرض محمدبن مسلمہ ؓنے بغیر کسی نقصان کے نہایت حکمت اور دانش مندی کے ساتھ یہ تمام مہمات سرکیں۔ یہودبنونضیر کی بدعہدیاں سامنے آئیں تو آنحضرت ﷺ نے پھر حضرت محمدبن مسلمہؓ کو مامور فرمایا اور انہوں نے آنحضور ﷺکی طرف سے وہاں جاکر یہ اعلان کیا کہ اے یہود! عہدشکنی کے نتیجے میں اب تمہارے اخراج کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اور پھر اس اعلا ن کے بعد بنو نضیر کے اخراج کی تمام تر کاروائی حضرت محمد مسلمہ ؓکی نگرانی میں مکمل ہوئی۔
غزوہ احزاب میں جب یہود بنو قریظہ نے غداری کی تو آنحضرت ﷺنے اس موقع پر بھی بعض ذمہ داریاں محمدبن مسلمہؓ کے سپردفرمائیں۔ چنانچہ بنو قریظہ کے قیدیوں کو جمع کرکے سنبھالنے کی نازک ذمہ داری انہوں نے نہایت احسن رنگ میں اداکی۔
غزوات میں شرکت
اُحد کے غزوہ میںمحمد بن مسلمہؓ آنحضرت ﷺ کے ساتھ شریک تھے اور کمال پامردی اور ثابت قدمی کے ساتھ انہوں نے حضور ؐ کا ساتھ دیا جب مسلمانوں پر درہ سے اچانک دوبارہ حملہ ہوا اور بعض لوگوں کے پائوں اُکھڑ گئے اور انہیں پیچھے ہٹنا پڑا۔ حضرت محمدؓ بن مسلمہ ان چند جانثاروں میں سے تھے جو ثابت قدم رہے۔ غزوۂ خندق میں بھی انہوں نے آنحضرت ﷺکے ساتھ شرکت کی اور اپنے سپرد جو ذمہ داریاں تھیں وہ بجالائے۔ حدیبیہ کے موقع پر آنحضرت ﷺچودہ سوصحابہ کے ساتھ مکّہ کی طرف روانہ ہوئے۔ ذوالحلیفہ سے آگے بڑھے تو ازراہِ احتیاط بطور پیشرو آپؐ نے سوسواروں کا ایک دستہ آگے بھیجا۔ ان کا امیرمحمدبن مسلمہؓ کو مقررفرمایا، انہوں نے آگے جاکرقریش سے ملاقات بھی کی اور اُن کو باخبر کیا کہ آنحضرت ؐاتنے صحابہ کے ساتھ عمرہ کے ارادہ سے تشریف لارہے ہیں۔
الغرض حضرت محمدبن مسلمہؓ کو کبھی مجاہد اورکبھی امیر المجاہدین کے طور پر قریباً تمام غزوات میں آنحضرت ﷺ کی معیت میں بھرپورشرکت کی سعادت ملی ہے۔سوائے غزوۂ تبوک کے جس میں آپ مدینہ کے امیر تھے۔بعض اور غزوات میں بھی مدینہ میں اپنے پیچھے آنحضرت ﷺ نے انہیں اپنا جانشین یامقامی امیر مقررفرمایا، چنانچہ غزوہ قرقرۃ الکدر میں بھی ان کے مدینہ میں امیر مقررکیا جانے کا ذکر ملتاہے۔ مدینہ سے باہر بھی مختلف مہمات کا امیر مقررکرکے آنحضور ﷺ نے ان کو روانہ فرمایا ان میں سے ایک سریۂ قرطاء ہے جو قبیلہ بنی بکر کی طرف آپ کی سرکردگی میں بھیجا گیا۔ تیس سواروں کا ایک دستہ آپؓ کے ہمراہ تھا اور بعض ذمہ داریاں بھی آپؓ کے سپرد تھیںجو نہایت کامیابی سے ادا کرکے آپؓ واپس لوٹے۔ دوسرا اہم موقع سریہ ذی القصہ کاتھا جس میں دس افراد کا امیر مقرر فرماکر آپؓ کو اس مہم پر روانہ کیاگیا یہ بہت اہم اور نازک مہم تھی جس میں اس دستہ نے بہت نقصان اُٹھایا اور حضرت محمدؓ بن مسلمہ کے علاوہ ان کے باقی تمام ساتھی شہید ہوگئے۔ محمدؓ بن مسلمہ کو بھی سخت چوٹیں آئیں اور دشمن ان کے کپڑے وغیرہ اتار کربرہنہ حالت میں انہیں کہیں پھینک گئے بعد میں بعض مسلمان وہاں سے گذرے تو انہوں نے ان کو سنبھالا اور واپس مدینہ لے کر آئے۔
حضرت محمد بن مسلمہؓ فرمایا کرتے تھے کہ آنحضرت ﷺکے جملہ غزوات کے بارہ میں جتنا چاہو مجھ سے پوچھو کیونکہ حضورؐ کا کوئی بھی ایسا غزوہ نہیں جس میں مجھے شامل ہونے کی سعادت عطانہ ہوئی ہو سوائے غزوۂ تبوک کے جس میں حضور ؐ نے مجھے اپنے بعد مدینہ میں قائمقام مقرر فرمایا تھا، اسی طرح فرمایا کرتے تھے کہ حضور ؐنے مختلف مواقع پرجتنی مہمات بھی بھیجیں ہیں۔ان میں کوئی بھی ایسی مہم نہیں جو مجھ پر مخفی رہی ہو۔ یا تو میں اس مہم میں خود شامل تھا یا پھر جب بھی اس مہم کو بھیجا گیا تو اس کے بارہ میں پوری معلومات رکھتا تھا۔(7)
رسول کریم ﷺکی پیشگوئی
حضرت محمد بن مسلمہؓ باوجود بڑی دلیری بے باکی اور نڈر ہونے کے ، بہت امن پسند اور صُلح جو تھے اور یہ صفت دراصل آپؓ کو آنحضرت ﷺکی کامل اطاعت کے نتیجہ میں عطا ہوئی تھی۔حضوؐر کو ان پر کامل اعتماد تھا۔ آنحضرت ﷺنے ایک موقع پر ان کو اپنی تلوار عطاکرتے ہوئے ایک پیشگوئی فرمائی تھی۔ جو بڑی شان اور تفصیل کے ساتھ حضرت محمدؓ بن مسلمہ کے حق میں پوری ہوئی اور وہ اعتماد جس کا اظہارحضور ؐ نے اپنے اس پیارے صحابی کے متعلق ظاہر فرمایاتھا، اس کا حق انہوں نے پورا کر دکھایا۔حضور ؐؐنے فرمایاتھا کہ’’ جب تک مشرکین کے ساتھ تمہاری جنگ ہو۔ اس تلوار کے ساتھ اُن سے جنگ کرتے رہنا۔ جب وہ زمانہ آئے جب مسلمان باہم لڑنے لگیں اورایک دوسرے پرتلوار اُٹھائیں تویہ تلوار توڑ کر اپنے گھر میں بیٹھ رہنا یہاںتک کوئی خطا کارہاتھ تم پر حملہ آورہو یا تمہاری فیصلہ کُن موت آجائے۔ ‘‘یہ پیشگوئی بعینہٖ اسی طرح پوری ہوئی۔
حضرت عثمانؓ کی شہادت کے بعدحضرت محمدؓ بن مسلمہ نے حضور ؐ کے اس ارشاد پر لفظاً لفظاً عمل دکھایا۔اختلافات کے اس زمانہ میں انہوں نے اپنی تلوار واقعۃً توڑکر نہایت زیرکی سے لکڑی کی ایک تلواربناکر میان میں لٹکادی، کسی نے کہا لکڑی کی تلوار رکھنے سے فائدہ؟ کہنے لگے اس کی حکمت یہ ہے کہ رعب تو رہتا ہے کہ تلوار موجود ہے لیکن چونکہ آنحضورؑ کا حکم ہے اس لئے اب لوہے کی تلوارتو میں نہیں رکھوں گا۔ اور یہ لکڑی کی تلوار کسی کو گزند نہیں پہنچاسکتی۔ (8)
فتنہ سے کنارہ کشی
آنحضرت ﷺکے اس ارشاد کی تعمیل میں حضرت محمد بن مسلمہؓ نے جس طرح فتنوں کے زمانے میں اپنے آپ کو بچایا ہے اس کاذکر ایک صحابی حضرت حُذیفہ ؓبن الیمان (جن کو فتنے کے بارہ میں بہت روایات یادتھیں)بیان کیا کرتے تھے۔
چنانچہ حضرت حُذیفہؓ کہتے تھے کہ میں ایک شخص کو جانتا ہوں۔ جس پر فتنہ نے ذرّہ برابر بھی کوئی اثرنہیں کیا اور وہ فتنہ سے کچھ بھی متاثر نہیں ہوئے۔ کہتے ہیں کہ ہم نے پوچھا کہ وہ کون شخص ہے تو انہوں نے کہا ہ وہ محمدبن مسلمہ انصاریؓ ہے جس کا فتنوں نے کچھ بھی نہیں بگاڑارسول اللہ ﷺنے ان کے بارہ میں فرمایاتھا کہ کوئی فتنہ ان کو نقصان نہیں پہنچا سکے گا۔ دوسرے انہوں نے آنحضرت ﷺکی فتنہ سے بچنے کی نصیحت پرخوب عمل کیا۔ چنانچہ ضبیعہ کہتے ہیں کہ حضرت حُذیفہؓ کی وفات کے بعد فتنوں کے دور میں سفر کرتے ہوئے ایک جگہ پر پہنچا تھا تو میں نے دیکھا کہ ویرانے میں ایک خیمہ لگا ہے ، میں نے پوچھا یہ کس کا خیمہ ہے؟ مجھے بتایاگیا کہ یہ محمد بن مسلمہؓ صحابی رسول کا خیمہ ہے میں جب وہاں گیا تو ایک بوڑھے کو بیٹھے ہوئے دیکھا میں نے کہا اے بزرگ! اللہ تجھ پر رحم کرے، مجھے ایسے لگتا ہے کہ آپ مسلمانوں کے بہت ہی معزز لوگوں میں سے ایک فرد ہو اوربزرگ آدمی ہو، مگر ویرانے میں کیوںڈیرہ لگا رکھا ہے۔ اپنے وطن ، گھر بار، ہمسایوں کو چھوڑا اوریوں ویرانے میں آکر بس گئے آخراس کی کیا وجہ ہے؟ کہتے ہیں کہ محمدؓ بن مسلمہ نے جواب دیا کہ میں فتنے کے خوف اور شر سے بچنے کے لئے شہروں کی آبادی اور رونق چھوڑ کر ویرانوں میں آکر بس گیا ہوں اور جب تک فتنے ٹل نہیں جاتے، میرا یہی ارادہ ہے کہ میں ویرانوں میں یہ زندگی گزاردوں۔(9)
خلفائے راشدین کے دور میں خدمات
آنحضرت ﷺ کی وفات کے بعد حضرت عمرؓ کے زمانہ میں نمایاں خدمات حضرت محمدؓ بن مسلمہ کے حصہ میں آئیں۔حضرت عمرؓ نے آپؓ کو صدقات کی وصولی پر مقررفرمایا، جہینہ قبیلہ اور بعض اور قبائل سے صدقات وصول کرنے کی ذمہ داری وہ بجالاتے رہے، اسی طرح حضرت عمرؓ نے عُمّال کی نگرانی اور احتساب کا سلسلہ بھی شروع فرمایا۔ اس اہم اور نازک کام میں مدد کے لئے آپ نے جس شخصیت کو چُنا وہ حضرت محمدؓ بن مسلمہ تھے۔(10)
حضرت عمرؓ کے بارہ میں روایت ہے کہ جب وہ کوئی ایسی نازک مہم کسی کو سونپنا چاہتے، جس کے بارہ میں چاہتے کہ وہ کام اس طرح ہوناچاہیے جیساکہ وہ چاہتے ہیں تو وہ نازک کام حضرت محمدؓ بن مسلمہ کے سپرد فرمایا کرتے تھے اور حضرت محمدؓ بن مسلمہ کمال اطاعت سے جیسے حکم ہوتا تھا، تعمیل کرتے تھے۔ اس وجہ سے حضرت عمرؓ نے بھی ان پرخوب اعتماد کیا۔ چنانچہ مختلف علاقوں کے عمّال اورامراء کے بارہ میں شکایتیں آتی تھیں۔ آپ بلا تردد ان کی تحقیق کے لئے حضرت محمدؓ بن مسلمہ کو روانہ فرماتے تھے اور حضرت محمدؓ بن مسلمہ کمال حکمت اور دانش مندی سیحضرت عمرؓ کی خدمت میں مکمل درست تحقیقات پیش کرتے تھے۔دراصل اس زمانہ میں اموال غنیمت آرہے تھے اور حضرت عمرؓ یہ چاہتے تھے کہ مسلمان بہت جلد ان اموال میں اتنے منہمک نہ ہوںکہ محض دنیادارہوجائیں اُن روایات اور قدروں کو قائم رکھیں جو آنحضرت ﷺ اور آپ کے خلفاء راشدین نے قائم فرمائیں۔ حضرت سعدؓ بن ابی وقاص کوفہ کے امیر تھے اُن کے بارہ میں حضرت عمرؓ کو یہ شکایت پہنچی کہ انہوں نے محل تعمیر کروادیا ہے اور اُس کے آگے گیٹ لگاکر دربان مقررکردیئے ہیں۔ ایک عام آدمی ان سے ملاقات نہیں کرسکتا۔ آپؓ نے حضرت محمدبن مسلمہؓ کو روانہ کیا اور فرمایا کہ اپنی روایات کو ترک کردینا، مناسب نہیں ہے اِ س لئے آپؓ جاکر فوری طور پر اس دروازے، گیٹ کو آگ لگادیں جو محل کے آگے تعمیر کیا گیا ہے۔ حضرت محمدؓ بن مسلمہ تو تعمیل کرنا جانتے تھے۔انہوں نے کسی بات کی پرواہ کئے بغیر امیرِکوفہ کے محل کے گیٹ کو آگ لگا دی ۔امیر کوفہ حضرت سعدؓ بن ابی وقاص کوخبر ہوئی تووہ آئے محمد ابن مسلمہؓ نے بتایا کہ مجھے تو خلیفۂ وقت نے یہ ارشاد فرمایاتھا۔جس کی تعمیل واجب تھی اور حضرت سعدؓ نے بھی یہ بات بخوشی قبول کی۔ اس پہلو سے حضرت محمدؓ بن مسلمہ حضرت عمرؓ کے بھی دستِ راست رہے۔(11)
اور انہوں نے کمال اعتماد کرتے ہوئے بڑی بڑی ذمہ داریاں انہیں سونپی یہاں تک کہ جب یہ اطلاعیں آئیں کہ بعض علاقوں کے امراء نے بہت اموال جمع کرلیے ہیں تو حضرت عمرؓ نے اموال کی ایک حد مقررفرمادی کہ اس حد تک ضرورت کے لئے رکھنے کی اجازت ہے اس سے زائد اموال نصف یا اس کے قریب واپس لے لئے جائیں۔ عمال سے اِن اموال کی واپسی کے لئے بھی حضرت محمدؓ بن مسلمہ کو مقرر کیا گیا۔ چنانچہ وہ نڈر اور بے باک ہوکر اُن تمام امراء کے پاس پہنچے جو حضرت عمرؓ کے زمانہ میں مقرر تھے۔ اُن سے آپؓ نے وہ نصف اموال وصول کیے جو بیت المال میں جمع کئے گئے۔(12)
حضرت عثمانؓ نے حضرت محمد بن مسلمہؓ کوپچاس سواروں پر امیر مقرر کرکے مصر سے آنے والے باغیوں سے گفتگو کیلئے بھیجا۔ ان میں سے ایک شخص قرآن ہاتھ میں لئے آگے بڑھااورکہنے لگا یہ قرآن ہمیں حکم دیتا ہے کہ ہم تلوار سے فلاں فلاں کو ہلاک کریں۔حضرت محمدبن مسلمہؓ نے اسے خاموش کروا دیا اور فرمایا تمہاری پیدائش سے بھی پہلے ہم ان قرآنی احکام کی تعمیل کر چکے ہیں۔(13)
شہادت
حضرت محمد بن مسلمہؓ کی اولا ددس بیٹے اور چھ بیٹیاں تھیں۔ آپ کی وفات حضوؐر کی پیشگوئی کے مطابق گھر میں بیٹھے ہوئے شہادت کی صورت میں ہوئی، ایک شامی جوصوبہ اُردن کا رہنے والا تھا، قتل کے ارادے سے گھر میں گھس کر حملہ آور ہوا،تلوار سے حملہ کرکے آپؓ کو شہید کردیا۔مخالفین آپ پر یہ الزام لگاتے تھے کہ امیر معاویہ کے حق میں آپ نے تلوار کیوں نہیں اُٹھائی اوران کا ساتھ کیوں نہیں دیا۔ حضرت محمدؓ بن مسلمہ تو امن پسندی اور صُلح جوئی کی خاطر آنحضرت ﷺکے ارشاد کی تعمیل میں لکڑی کی تلوار بناکر اپنے گھر میں بیٹھ رہے تھے، آپؐ کی وفات ماہ صفر46ھ؁ میں ہوئی۔ عمر77برس تھی۔
اوصاف کریمہ
حضرت محمد بن مسلمہ ؓکامل موحدّ ہونے کے باعث انتہائی شجاع تھے۔ ایثار و فدائیت، محبت رسول ؐ ،کمال اطاعت آپ کی خصوصیات ہیں جو آپؓ کی زندگی میں نمایاں جھلکتی نظرآتی ہیں۔آپ کی روایات حدیث بہت ہی کم ہیں۔حالانکہ آنحضرؐت کے ساتھ تمام غزوات میں شامل ہوئے، نہایت نازک اور اہم مہمات آپ کے سپرد ہوئیں لیکن احتیاط کی خاطر روایات کثرت سے بیان کرنا پسند نہیں کرتے تھے۔ تاہم چند روایات سے ہی آپؓ کی سچائی وسیع النظری اور قول سدیدکا خوب اندازہ ہوتا ہے۔ آپ کے متعلق ایک روایت حضرت سہلؓ بیان کرتے تھے کہ محمدبن مسلمہ ؓنے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ اگر کسی جگہ نکاح کے ارادہ سے پیغام دیا جائے تو اس سے پہلے عورت کو دیکھ لینے میں حرج نہیں۔اب بظاہر یہ بات عام معاشرتی رواج یا دستور سے ہٹ کر ہی کیوں نہ ہو حضرت محمد ؓبن مسلمہ نے نہ صرف اسے بیان کیا بلکہ اس پر عمل کرنے میں بھی انہوں نے تامل نہیں کیا۔ دوسری روایت آپ کی حضرت ابوبکرؓ کے زمانہ سے متعلق ہے۔ اس سے یہ بھی اندازہ ہوتا ہے کہ معلومات کا ذخیرہ آپؓ کے پاس موجود تھا جس کا پوچھنے پر اظہارکرتے تھے۔
علمی مرتبہ
حضرت ابوبکرؓ کو یہ مسئلہ درپیش آیا کہ میراث میں دادی کا حصہ ہے کہ نہیں۔انہوں نے فرمایا کہ مجھے اس بارہ میں حضور ؐ کی سنت یا واضح ارشادمعلوم نہیں۔ اگر کسی اور صحابی کو علم ہوتو وہ مجھے بتادیں، حضرت مغیرہؓ بن شعبہ نے کہا کہ اس بارہ میں مجھے آنحضرت ﷺ کا ارشاد یاد ہے کہ آپؐ نے دادی کے لئے چھٹا حصہ مقررفرمایا تھا۔حضرت ابوبکرؓ نے فرمایا ’’اس بات کی تصدیق میں کوئی گواہی پیش کرے۔‘‘تلاش کرنے پر حضرت محمدبن مسلمہؓ کے پاس سے یہ روایت مل گئی۔انہوں نے مغیرہ ؓبن شعبہ کے حق میں گواہی دی کہ واقعی میری یادداشت کے مطابق بھی دادی کے لئے نبی کریمؐ نے چھٹاحصہ مقرر فرمایا ہے۔(14)
حضرت عمرؓ کے زمانہ میں حاملہ عورت کے چوٹ لگنے کے نتیجہ میں حمل ساقط ہونے کی دیت کے بارہ میں سوال اُٹھاتو حضرت مغیرہ ؓبن شعبہ نے کہا کہ میں نے رسول اللہؐ سے سنا ہے اس کا بدلہ ایک غلام یا لونڈی ہے۔حضرت عمرؓ نے گواہی مانگی تو حضرت محمدبن مسلمہؓ نے گواہی دی کہ انہوں نے بھی حضورؐ سے اس بارہ میں یہی سنا ہے۔(15)
یہ تھے حضرت محمدؓ بن مسلمہ نہایت جلیل القدر،نڈر،بے باک،اطاعت کے پُتلے اور ایثار وفدائیت کا مجسمہ،اللہ تعالیٰ ہمیں ان کے پاکیزہ نقوش پر چلنے کی توفیق عطافرمائے۔آمین
حوالہ جات

ابن سعد جلد3ص443

الاصابہ جز6ص63

ابن سعد جلد3ص445

بخاری کتاب المغازی باب قتل کعب بن الاشرف و ابودائود کتاب الخراج

بخاری کتاب المغازی باب قتل کعب بن اشرف

ابودائود کتاب الخراج و فتح الباری جلد7ص262

ابن سعد جلد3ص444
-8
ابن سعد جلد3ص445
-9
ابن سعد جلد3ص445
-10
اصابہ جز6س64
-11
اصابہ جز6ص64
-12
اسد الغابہ جلد4ص330
-13
منتخب کنزا لعمال برحاشیہ مسند جلد5ص266،ابن سعد جلد3ص443
-14
مسنداحمدجلد4ص225
-15
بخاری کتاب الاعتصام بالکتاب السنہ باب فی اجتہاد القضا

حضرت ابوایوب انصاریؓ
نام و نسب
نام خالد بن زید ۔والدہ ہند بنت سعید تھیں نام کی نسبت کنیت ابوایوب زیادہ مشہور ہوئی۔ خزرج قبیلہ کے خاندان بنی نجار سے آپ کا تعلق تھا۔ یہ وہی خاندان ہے جسے رسول کریم ﷺ کے ننیہال ہونے کا شرف حاصل ہے۔ حضرت ابوایوبؓ اس خاندان کے رئیس تھے۔ آپ وہ خوش قسمت صحابیؓ ہیں، جنہیں عقبہ ثانیہ کے موقعہ پر حاضر ہوکر بیعت کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ واپس مدینہ تشریف لائے تو تبلیغ اسلام کرتے رہے۔ (1)
مدینہ میں ہجرت رسولﷺ
نبوت کے تیرھویں سال رسول خداﷺ نے مکہ میں اپنی قوم کے ظلم وستم سے تنگ آکر باذن الٰہی یثرب کی طرف ہجرت فرمائی۔ اہل یثرب کو اطلاع ہوئی تو بے تابی سے رسول اللہﷺ کا انتظار کرنے لگے۔ ابوایوبؓ اور ان کے ساتھی روزانہ مدینہ سے باہر حضورؐ کے استقبال کے لئے جاتے اور شام کوواپس آجاتے۔ آخر ان کی اُمیدیں برآئیں اور پیغمبر خدا صلح و سلامتی کے شہزادے یثرب کے قریب ایک بستی قبا میں تشریف فرما ہوئے اور اس کے بعد یثرب کا قصد فرمایا۔
اہل یثرب کے دل بلیوں اچھل رہے تھے۔ وہ خوشی سے پھولے نہ سماتے تھے کہ خدا کا رسولؐ بنفسِ نفیس ان میں تشریف لارہا تھا۔ رواج کے مطابق وہ ہتھیار بند اور مسلح ہو کر رسول اللہؐ کے استقبال کے لئے نکل کھڑے ہوئے تھے۔ بچوں نے جَائَ رَسُولُ اللّٰہِ جَائَ رَسُولُ اللّٰہِ کے نعرہ ہائے بلند سے یثرب کی دیواروں میں گونج پیدا کر دی تھی۔ مدینہ کی بچیاں جنہیں اسلام کی ’’ناصرات‘‘ کہنا چاہئے۔ آمد رسولؐ پر آمد نت مبارک کا تحفہ ترانوں اور نغموں کی صورت میں یوں پیش کررہی تھیں:
طَلَعَ الْبَدْرُ عَلَیْنَا مِنْ ثَنِیَّاتِ الوِدَاعٖ
وَجَبَ الشُّکْرُ عَلَیْنَا مَا دَعَا لِلّٰہِ دَاعٖ
کہ وداع گھاٹیوں سے آج ہم پر چودھویں کے چاند نے طلوع کیا ہے۔ اللہ کی طرف بلانے والے بلاوے پر ہمارے لئے شکر واجب ہے۔ (2)
شرف میزبانی رسولﷺ
یثرب کی سوئی ہوئی قسمت جاگ اٹھی تھی اب وہ مدینۃ الرسولؐ تھا۔ مدینہ کے ہر شخص کی خواہش تھی کہ خدا کا رسولؐ اس کے گھر مہمان ہو۔ وہ آگے بڑھ کر حضورؐ کی بلائیں لیتے اور عرض کرتے حضورؐ ان کے گھر کو برکت بخشیں۔ رسول خداﷺ نے جو یہ شوق میزبانی دیکھا تو کسی کی حوصلہ شکنی گوارا نہ ہوئی۔ فرمایا میری اونٹنی کو آزاد چھوڑ دو جہاں حکم ہوگا یہ ٹھہرجائے گی۔ خدا کی شان کہ یہ سعادت حضرت ابو ایوب انصاریؓ کے حصہ میں آئی اورمشیئت ایزدی سے ناقہ رسولؐ قصواء ان کے گھر کے پاس رک گئی۔ رسول خداﷺنے پوچھا کس کا گھر زیادہ قریب ہے۔ ابوایوبؓ آگے بڑھے۔ عرض کی حضورؐ میرے گھر کو شرف میزبانی بخشیں۔ روایات میں آتا ہے انصار مدینہ کا شوق مہمان نوازی اب بھی کم نہ ہوا تھا۔ تب قرعہ اندازی کی گئی۔ پھر بھی خوش قسمت ابوایوب انصاریؓ کا نام نکلا۔ اوراس پر وہ جتنا فخر کریں کم ہے۔ بنو نجار کی لڑکیاں خوشی سے یہ گیت گانے لگیں۔
نَحنُ جَوَارٍ لِبَنِی نَجاَّرٖ یَا حَبَّذَا مُحَمَّدًا مِن جَارٖ
کہ ہم بنی نجار کی لڑکیاں ہیں اور ہم کیا خوش قسمت ہیں کہ محمد رسولؐاللہ ہمارے محلہ میں ٹھہرنے کیلئے تشریف لائے ہیں۔(3)
محبت رسولﷺ
ابو ایوبؓ مکان کے اوپر کے حصہ میں رہتے تھے۔ نچلی منزل حضورﷺ کو پیش کردی۔ ایک رات اتفاق سے اوپر والی منزل میں پانی کاایک بڑا برتن ٹوٹ گیااورپانی بہہ پڑا۔ ابوایوبؓ کو فکر دامنگیر ہوئی۔ کہ مبادا چھت سے پانی ٹپک پڑے اور رسول خداﷺکو نچلی منزل میں تکلیف ہو۔ آپ فرماتے ہیں میں اور میری بیوی نے اپنا لحاف پانی پر ڈال کر اسے خشک کرکے دم لیا۔ علی الصبح ابوایوبؓ خدمت اقدسؐ میں حاضر ہوئے اور رات کا واقعہ کہہ سنایا۔ عرض کی کہ حضورؐ اوپر والی منزل میں قیام فرما ہوجائیں۔ ہم نیچے مقیم ہوں گے۔ رسول اللہﷺ نے منظور فرمالیا اور بالاخانے میں رہنے لگے۔ (4)
رسول اللہ ﷺ سے ابوایوبؓ کی محبت کا یہ عالم تھا کہ چھ یا سات ماہ کا سارا عرصہ جو آنحضرتؐ ان کے ہاں فروکش رہے۔ آپ نے مہمانی کا حق خوب ادا کیا۔اور سارا عرصہ رسول اللہ ﷺکا کھانا باقاعدگی سے تیار کر کے بھجواتے رہے۔حضرت ابو ایوبؓکی محبت رسول ؐکا اندازہ لگائیے کہ جب کھانا بچ کر آتا تو اس پر رسول ؐ خداکی انگلیوں کے نشانات دیکھتے اور وہاں سے کھانا تناول کرتے۔ایک دفعہ رسول ؐاللہ نے کھانا تناول نہ فرمایا ۔ابوایوبؓ جو رسول خداﷺکا بچا ہوا تبرک کھانے کے عادی تھے۔دوبارہ حاضر ہوئے عرض کی حضورؐبندہ توآپ کے بچے ہوئے کھانے سے کھایا کرتا تھا۔آج حضورؐ نے کھانا تناول نہیں فرمایا۔حضورؐ نے فرمایا آج کھانے میں پیاز لہسن تھااور میں اسے پسند نہیں کرتا۔ابوایوبؓ نے عرض کی حضورؐجسے آپ ناپسند فرماتے ہیں آئندہ سے میں بھی اسے ناپسند کرتا ہوں۔(5)
حضرت سعید بن المسیبؓ بیان کرتے ہیں کہ ایک دفعہ حضرت ابوایوبؓنے حضور کی ریش مبارک سے کوئی چیزتنکا وغیرہ نکالاتوحضورؐنے دعا کی۔’’اے ابوایوبؓ!تجھے کبھی کوئی تکلیف نہ پہنچے۔‘‘(6)
اللہ اللہ !رحمت رسولؐ کا بے کراں سمندر ہے ایک معمولی کام پر اتنی عظیم الشان دعا!!
انصار مدینہ کے اخلاص و محبت کا ایک عجیب نظارہ اس وقت نظر آتا ہے۔جب رسول خداﷺ نے مؤاخات قائم فرمائی مختلف قبائل اور خاندان کے لوگوں کو بھائی بھائی بنا دیا۔حضرت ابو ایوب انصاریؓکے اسلامی بھائی حضرت مصعب بن عمیرؓ قرار پائے۔جو مدینہ میں اسلام کے پہلے مبلغ تھے ۔ نازو نعم میں پرورش پائی مگر دنیا ودولت پر لات مار کر اسلام میں آکر فقر اختیار کر لیا تھا۔حضرت ابوایوبؓتمام غزوات میں شامل ہوئے۔ بدر سے لے کر آخری غزوہ تک کبھی پیچھے نہ رہے۔غزوہ خیبر میں یہودی سردارحیی بن اخطب مارا گیا اور اس کی بیٹی صفیہ حضورؐ کے عقد میں آئیں۔والد کے ساتھ ان کا خاوندبھی اسی جنگ میں ہلاک ہوا تھا۔حضرت صفیہؓکے رخصتانہ کی رات کا ذکر ہے حضوؐرصبح نماز پڑھانے کے لئے اپنے خیمہ سے باہر آئے تو کیا دیکھتے ہیں کہ ابوایوب انصاریؓ تلوار سونتے مستعد کھڑے ہیں۔ آپؐ نے پوچھا ابوایوبؓ! کیا بات ہے۔ عرض کی جان سے عزیز آقا! صفیہ کے عزیز اور رشتہ دار ہمارے ہاتھوں قتل ہوئے تھے، اس وجہ سے رسول اللہ ﷺکی حفاظت کے خیال سے مرے دل میں کئی اندیشے اور وسوسے اٹھتے تھے۔ اس لئے میں آج ساری رات حضورؐ کے خیمہ کا پہرہ دیتا رہا ہوں۔(7)
محسن عالم کے دل سے اس وقت اپنے اس عاشق صادق کے لئے ساری رات حفاظت کرنے کے عوض جو دعا نکلی وہ یہ تھی’’ اے اللہ! ابوایوبؓ کو ہمیشہ اپنی حفاظت اور امان میں رکھنا جس طرح رات بھر یہ میری حفاظت پر مستعد رہے ہیں ‘‘اور یہ دعا ایسی قبول ہوئی کہ ابوایوب نے طویل عمر پائی اور آپ کا مزار آج تک قائم ودائم اور مرجع خلائق ہے۔
خلفاء راشدین کے زمانہ میں بھی ابوایوبؓ جہاد میں شامل ہوتے رہے۔ حضرت علیؓ نے کوفہ کو دارالخلافہ بنایا تو حضرت ابوایوبؓ کو مدینہ میں امیر مقرر فرمایااورپوچھا کہ مانگیں کیا مانگتے ہیں انہوںنے کہامیری ضرورت کے مطابق چارہزار درہم وظیفہ اور آٹھ غلام کافی ہیں۔ حضرت علیؓ نے اس سے چارگناوظیفہ بیسہزار اورچالیس غلام عطا فرمائے۔ (8)
صحابہ کرامؓ بھی ابوایوبؓ کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے تھے۔ عم زاد رسول حضرت ابن عباسؓ حضرت علیؓ کی طرف سے بصرہ کے گورنر تھے۔ آپ ان کی ملاقات کے لئے تشریف لے گئے۔ ابن عباسؓ نے کہا میں چاہتا ہوں کہ جس طرح آپ نے رسول ؐاللہ کے لئے اپنا گھر خالی کر دیا تھا۔ اپنا گھر آپ کے لئے پیش کردوں۔ یہ کہہ کر وہ اور ان کے گھروالے وہاں سے دوسرے مکان میں منتقل ہوگئے اور بھرابھرایا مکان مع سامان ان کے حوالے کر دیا۔(9)
جنگ قسطنطنیہ میں شرکت
حضرت امیر معاویہؓ کے زمانہ میں آپ جنگ روم میں شامل ہوئے۔ رسول اللہﷺنے قسطنطنیہ کی فتح کی خبر دی تھی۔ یہ فدائی صحابی اس خوشخبری کو بچشم خود دیکھنے کے متمنی تھے۔ غرضیکہ پیرانہ سالی میں اس جہاد میں بھی شمولیت فرمائی۔ اس سفر میں آپ ؓبیمار ہوگئے۔ اس وقت یزید فوجوں کی کمان کر رہا تھا وہ عیادت کے لئے حاضر خدمت ہوا اور عرض کی کہ کوئی خواہش؟ آپ نے فرمایا کہ تمام مسلمانوں کو میری طرف سے سلام کہنا۔ اور یہ پیغام دینا کہ جب میں مر جائوں تو میرے جنازہ کو اٹھا کر دشمن کی سرزمین میں جہاں تک لے جاسکتے ہو لے جانا اور وہیں دفن کرنا۔ آپ نے اس آخری وقت میں ایک ایسی حدیث بھی سنائی جو ساری عمر کسی کونہ سنائی تھی جو یہ ہے کہ’’جو شخص اس حالت میں مرے کہ اللہ کے ساتھ شریک نہ ٹھہراتا ہو وہ جنت میں داخل ہوگا۔‘‘
آپ کی وفات ہوئی تو جنازہ اٹھایا گیا اور رات کے وقت دشمن کی سرزمین قسطنطنیہ میں جاکر وصیت کے مطابق دفن کردیاگیا۔ اور دشمن کو تنبیہہ کردی گئی کہ رسول اللہﷺکے صحابی کا مزار ہے۔ اس کی ہتک کی جرأت نہ کرنا۔ (10)
ابن سعدؓ نے لکھا ہے کہ مجھے معلوم ہوا کہ اہل قسطنطنیہ مزار ایوبؓ پر عقیدت کی نظر سے حاضری دیتے ہیں اور قحط کے دنوں میں ان کے وسیلہ سے دعا کرتے ہیں تو بارش برستی ہے۔ (11)ابوایوب انصاریؓ کا مزار قسطنطنیہ استنبول(ترکی) میں آج بھی زیارت گاہ خاص و عام ہے۔ راقم الحروف نے بھی 1989ء میں سفر انگلستان سے واپسی پر استنبول میں قیام کے دوران آپؓ کے مزار پر دعا کی سعادت پائی ہے۔ فالحمدللہ






حوالہ جات
1-
اصابہ جز1ص 89
2-
زرقانی جلد1ص 359
3-
بخاری کتاب الہجرت و مسلم و ابن ہشام
4-
استیعاب جلد2ص 10
5-
اسدا لغابہ جلد2ص81
6-
اصابہ جز1ص 90
7-
سیرت الحلبیہ باب فتح خیبرجلد3ص 44
8-
اسد الغابہ جلد2ص 81
9-
اسد الغابہ جلد2ص 81
10-
اسد الغابہ جلد2ص 80
11-
اسد الغابہ جلد2ص 82

حضرت عبد اللہؓ بن رواحہ
نام ونسب
حضرت عبدا للہ ؓبن رواحہ کا تعلق انصار کے قبیلہ بنو خزرج سے تھا ۔والدہ کبشہ بنت واقب تھیں۔ابو محمد اور ابو رواحہ کی کنیت سے مشہور تھے۔ معروف صحابی رسولؐ نعمان بن بشیرؓ کے ماموں تھے۔ آپ کا شمار ایمان میں سبقت لے جانے والے ان ابتدائی صحابہ میں ہوتا ہے جنہیں اللہ تعالیٰ کے پاک کلام میں السَّابِقُوْنَ الاَوَّلُوْنَ ( یعنی سب سے پہلے آگے بڑھنے والے) کے خطاب سے نوازا گیا ۔
بیعت میں سعادت
حضرت عبد اللہ ؓ کو عقبہ ثانیہ کے موقع پرستر صحابہ کے ساتھ بیعت کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ آپ ان بارہ نقباء (سرداروں ) میں بھی شامل تھے جنہیں رسول کریمﷺ نے انصار کے مختلف قبیلوں کی نگرانی سپرد فرمائی تھی ۔ بنوالحارث بن خزرج کے آپ نقیب مقرر ہوئے تھے۔ علم کتابت سے آشنا تھے اور آنحضرت ﷺکیلئے آپ کتابت کی خدمت بھی بجالایا کرتے تھے ۔نبی کریم ﷺجب مدینے تشریف لائے اور مؤاخات کا نظا م قائم ہوا تو مقدادبن اسود کندی سے آپ کا اسلامی بھائی چارہ ہوا ۔(1)
غزوات میں شرکت
مدینہ پر کفار مکہ کے حملوں کا سلسلہ شروع ہوا تو مسلمانوں کوجوابی کاروائی کیلئے دفاعی مہمات منظم کرنا پڑیں حضرت عبد اللہ بن رواحہؓ کو بھی ان میں شرکت کی توفیق ملی اور اپنی زندگی کے آخری غزوہ موتہ تک ان جملہ غزوات میں وہ شریک ہوتے رہے(2)غزوہ بد ر میں بھی وہ شریک تھے بلکہ فتح بد ر کے بعد آنحضرت ﷺنے مدینہ کی نواحی بستیوں میں خوشخبری پہنچانے کیلئے جس شخص کاانتخاب کیا وہ حضرت عبد اللہ بن رواحہؓ تھے جنہوں نے وہاں جاکر مسلمانوں کو فتح کی نوید سنائی۔
اگلے سال بدر الموعد کیلئیجب نبی کریم ﷺ تشریف لے گئے تو مدینہ میں اپنا جانشین اور امیر حضرت عبد اللہ بن رواحہ ؓ کو مقرر فرمایا ۔(3) حضرت عبداللہ بن رواحہ ؓ حضرت نبی کریمﷺ سے بہت محبت رکھتے تھے۔ حضور ؐ کی صحبت اور مجالس سے بہت لگائو تھا ۔
غزوئہ بدر سے بھی پہلے کا واقعہ ہے نبی کریمﷺ اپنے ایک صحابی حضرت سعدبن عبادہؓ کی عیادت کیلئے تشریف لے جارہے تھے۔ راستے میں مسلمانوں مشرکین اور یہود کی ایک مجلس جمی ہوئی تھی جن میںمنافقوں کا سردار عبد اللہ بن ابی بھی تھا ۔حضرت عبد اللہ بن رواؓحہ بھی اس مجلس میںموجود تھے۔ حضور ؐکا وہاں سے گذر ہوا ۔عبد اللہ بن ابی کو یہ بات پسندنہ آئی کہ حضور ؐ اس مجلس میںتشریف لائیں ۔نبی کریم ؐ جس سواری پرتشریف لائے تھے، اس سے کچھ گرد سی اڑی تھی۔ ابن اُبیّ بڑی نفرت کا اظہار کرتے ہوئے کہنے لگا ہم پرگرد مت اڑائو۔ پھر جب حضور ؐ السلام علیکم کہہ کر وہاں کچھ دیر رکے اور قرآن شریف سنا کر اپنا پیغام پہنچانے لگے تو عبد اللہ ؓبن ابی کہنے لگا کہ ’’اے شخص ! جو کچھ توکہتا ہے اگراس سے اچھا اور کچھ بھی نہیں تو بھی آپ اپنے گھر میں بیٹھے رہو۔ جو کوئی وہاں آجائے اس کو بے شک یہ پیغام پہنچا ئو اورقرآن سنا دیا کر و لیکن یہ ہماری بے تکلف مجالس ہیں ان میں آکر آپ ہمیں ایذاء نہ دیا کرواور ہماری مجالس کاماحول خراب نہ کیا کرو ۔حضرت عبد اللہ بن رواحہ ؓ جیسے غیرت ایمانی رکھنے والے فدائی وہاں موجود تھے ۔‘‘انہوںنے تمام موجود مسلمانوں کی ترجمانی کرتے ہوئے کہا یار سول ؐاللہ’’ آپ ضرور ہماری مجالس میں تشریف لایا کیجئے ہم پسند کرتے ہیں کہ آپ ہمیں اپنی باتیں سنائیں اور ہمیں یہ بات انتہائی محبوب ہے کہ حضور ؐ ہم سے مخاطب ہوں‘‘ یوں حضرت عبد اللہ بن رواحہ ؓ نے اپنی غیرت ایمانی اور محبت کا اظہار نہایت بے باکی اور دلیری سے کردکھایا۔ (4)
ایک اور موقع پر آنحضرت ﷺنے ایک مہم کیلئے کچھ اصحاب کو تیار کیا۔حضرت عبد اللہؓ بن رواحہ بھی ان میں شامل تھے۔ جمعہ کادن تھا مہم میں شامل باقی لوگ تو روانہ ہوگئے ۔جمعہ کی نماز میں حضور ؐ نے دیکھا کہ عبد اللہ ؓبن رواحہ مسجد میں موجود ہیں ۔نماز جمعہ کے بعد ان سے پوچھا کہ آپ نے تو آج صبح فلاں مہم پرروانہ ہونا تھا؟ انہوںنے عرض کی کہ یارسولؐ اللہ میری بے حد خواہش او رتمناتھی کہ میں نماز جمعہ میں حضو ر ؐ کے ساتھ شریک ہو کر حضور کا خطبہ سن لوں۔اب میں فوراً روانہ ہوجائوں گا اور پیچھے سے جاکر اس دستہ سے جاملوں گا ۔ وہ لوگ جہاں پڑائو کریں گے، رات ان کے ساتھ ہی قیام کروں گا ۔حضورؐ نے فرمایا کہ’’ زمین میں جو کچھ ہے اگر وہ سب بھی تم خرچ کر ڈالو تو جو لوگ حسب ہدایت علی الصبح مہم پر روانہ ہوکر سبقت لے گئے وہ اجر اورثواب تم ہر گز نہیں پاسکتے۔‘‘(5)
گویا تمہارے لئے جمعہ کی خاطر پیچھے رہنے سے زیادہ مقدم تعمیل حکم کی خاطرجہاد کیلئے نکلنا تھا۔ حضرت عبد اللہ بن رواحہ ؓ نے یہ نصیحت ہمیشہ کیلئے پلے باند ھ لی اور اسے اپنی زندگی کا معمول بنالیا۔ چنانچہ اس کے بعد جب کسی غزوہ یا مہم کیلئے جانا ہوتا تھا تو حضرت عبداللہ بن رواحہ ؓ سب سے پہلے اس دستے میں شامل ہوتے او رسب سے آخر میں مدینہ واپس لوٹاکرتے تھے تاکہ آپ ان میں شرکت کے ثواب سے محروم نہ رہ جائیں۔(6) کئی غزوات میں حضرت عبد اللہ بن رواؓحہ کو شرکت کی سعادت عطا ہوئی ۔
بلند پایہ پاکیزہ شاعری
آپ ایک بہت بلند پایہ شاعر تھے۔ آنحضرتﷺکے دربار کے شعراء میں حضرت کعبؓ بن مالک اور حضرت حسان ؓبن ثابت کے علاوہ یہ تیسرے بلند پایہ شاعر تھے جن کی شاعری رزمیہ تھی۔ جنگوں کے موقع پر آپ کی اس شاعری کے جو ہر خوب کھلتے تھے۔ آپ مجاہدین کو خوب جوش دلاتے تھے۔ چنانچہ غزوہ خندق کے موقع پر آ پ کے یہ اشعار صحابہ کرام آپ کے ساتھ مل کر پڑھتے تھے ۔
اَللّٰھُمَّ لَو لَااَنتَ مَاا ھْتَدَ یناَ وَلاَ تَصَدَّ قْناَ وَلاصَلَّیْناَ
اے اللہ اگر تو ہمیں ہدایت نہ دیتا تو ہم ہدایت نہ پاتے۔ نہ ہمیں صدقہ دینے کی توفیق ملتی نہ نمازیں پڑھنے کی توفیق عطا ہوتی ۔
فَاَنْزِلَنْ سَکِینَۃً عَلَیْناَ وَثَبِّتِ اْلاَقدَامَ اِنْ لاَقَیناَ
یعنی’’ اے اللہ اس نازک ابتلاء کے دور میں ہم پر اپنی سکینت نازل کیجئیواور دشمن کے ساتھ جب ہمارا مقابلہ ہوتو ہمیں ثابت قدمی عطا فرما۔‘‘کیسا عمدہ اور دعائوں پر مشتمل پاکیزہ کلام ہے جو حضرت عبد اللہ بن رواؓحہ کی رزمیہ شاعری میں ہمیں نظر آتا ہے، جس میں نہ صرف اللہ تعالیٰ کے احسانات اور اس کے تشکر کا خوبصورت رنگ غالب ہے بلکہ وجوہات جنگ تک بیان ہیں کہ
اِنَّ العِدَا قَدْ بَغَوا عَلَیْنَا اِن اَرَادُوا فِتْنَۃً اَبَیناَ
یعنی یہ دشمن ہیں جنہوں نے ہم پر زیادتی کی ہے اور فتنہ و فساد کا ارادہ کیا ہے ۔جس کا ہم ڈٹ کرمقابلہ کریں گے اور عمدہ دفاع سے فتنہ کو کچل دیں گے ۔(7)
اس کے بعد مختلف غزوات میں عبد اللہ بن رواحہؓ شامل ہوتے رہے۔ 7ہجر ی میں عمرہ القضاء ہوا۔ حدیبیہ کے مقام پر روکے جانے کی وجہ سے مسلمان عمرہ نہ کرسکے تھے۔ حسب معاہدہ اس سال انہوں نے اس کی توفیق پائی ۔ آنحضرت ﷺجب اپنے صحابہ کے ساتھ طواف کعبہ کیلئے تشریف لے گئے تو یہ موقع مسلمانوں کیلئے بڑا جذباتی تھا کہ سات سال تک خانہ کعبہ سے روکے جانے کے بعد آج وہ آزادی سے خدا کے گھر داخل ہورہے تھے اور خانہ کعبہ کا طواف کرکے دلی تمنائوں کو پور اکر رہے تھے اس موقع پر شاعر دربار نبوی ؐ حضرت عبد اللہ بن رواؓحہ آنحضرت ﷺ کی اونٹنی کی مہار تھامے ہوئے آگے آگے تھے اور بڑے جوش اور جذبے کے ساتھ اپنی رزمیہ شاعری کے یہ شعر پڑھ رہے تھے۔
خَلُّو بَنِی الْکُفَّارِ عَنْ سَبِیْلِہٖ خَلُّو فَاِنَّ الْخَیْرَمَعَ رَسُولِہٖ
یعنی اے کفار مکہ آج آنحضرت ﷺ کے راستے کو خالی کردو۔ ہاں آپ کے رستے سے ہٹ جائو کیونکہ تمام خیر و بھلائی خدا کے رسول ؐ کے ساتھ ہے ۔
قَدْ اَنْزَلَ الرَّحْمٰنُ فیِ تَنْزِیلِہٖ ضَربًایُزِیلُ الھَامَ عَنْ مَقِیْلِہٖ
وَیُذْ ھِلُ الْخَلِیلَ عَنْ خَلِیْلِہٖ
یعنی اے کفار یاد رکھو کہ رحمان خدا نے اپنے پاک کلام میں ہمیں یہ خبر دی ہے کہ ایسی جنگ سے تمہاری گردن زدنی اور ہلاکت تمھارے ساتھ پیش آنے والی ہے جس کے نتیجہ میں اس دن دوست دوستوں کو بھول جائیں گے ۔
حضرت عبد اللہ بن رواحہؓ بڑے جوش وجذبہ سے یہ اشعار پڑھ رہے تھے کہ حضرت عمر ؓ نے ان کو روکا اور کہا کہ اے ابن رواحہ یہ اللہ کا حرم ہے اور رسول اللہ ﷺکے سامنے آپ ایسے جوشیلے شعر پڑھ رہے ہو۔ آنحضرتﷺبھی یہ اشعار سن رہے تھے آپؐ نے فرمایااے عمرؓ! عبداللہ ؓکویہ اشعار پڑھنے دو۔ خد اکی قسم! آج عبد اللہ ؓ بن رواحہ کا یہ کلام ان کفار کے دلوں میں نشتر سے بھی زیادہ تیزی سے چبھ رہا ہے اور تیروں سے بڑھ کر اس کا اثر ہے ۔پھر رسول کریم ﷺنے انہیں ان اشعار کی بجائے اللہ تعالیٰ کی حمد اور شکر کا مضمون پڑھنے کی ہدایت کی اور فرمایااے عبد اللہ ؓ یہ کہو لَا اِلٰہَ اِلَّااِللّٰہُ وَحْدَہٗ نَصَرَ عَبْدَہٗ وَ أَعَزَّ جُنْدَہٗ و ھَزَمَ اْلاَحْزَابَ وَحْدَہٗیعنی خد ا کے سوا کوئی شریک نہیں وہ ایک ہے اس نے اپنے بندے کی نصرت فرمائی اور اپنے لشکروں کو عزت عطا کی اور ان کو غلبہ دیا اور تما م لشکروں کوتنہا اس خد ا نے ہی پسپا کر دیا۔(8)
آنحضرتﷺکو حضرت عبد اللہ بن رواحہؓ پر بہت اعتماد تھا۔ چنانچہ مختلف مہمات میں آپ ؐ انہیں روانہ فرماتے رہے۔ ایک بہت ہی اہم مہم خیبرکی تھی جہاں یہودیوں کے سردار ابو رافع کی وفات کے بعد اُسیر بن رزام یہودیوں کا رئیس بنا۔ اس نے تمام یہودیوں کو جمع کرکے اعلان کیا کہ مسلمانوں کے متعلق آج تک میرے پیش روئوںنے نرمی کی غلط پالیسی اختیار کی تھی۔ اب میں راست اقدام کرکے دکھائوں گااور ہمیں بہر حال مدینہ پر حملہ کرنا ہوگا۔ اس مقصد کیلئے اس نے ایک لشکر بھی تیار کیا آنحضرت ﷺکو جب ان جارحانہ اقدامات کی اطلاع ملی تو آپ نے مصالحت کے لئے ایک خط اسیر بن رزام کی طرف بھجوایا اور حضرت عبد اللہ بن رواحہؓ کو صلح کے سفیر کے طور پر اسیر بن رزام کے پاس تیس افراد کے قافلے کے ساتھ بھیجا۔
فتح خیبر کے بعد بھی اس علاقے میں حضرت عبد اللہ ؓ بن رواحہ خدمات بجالاتے رہے چنانچہ اہل خیبر سے مصالحت کے وقت نصف پیداوار کا جو معاہد ہ ہوا تھا کہ وہ اسے مسلمانوں کے حوالے کریںگے۔ آنحضرت ﷺہر سال اس پیداوار کا تخمینہ لگانے کیلئے حضرت عبد اللہ ؓ بن رواحہ کو خیبر بھجوایا کرتے تھے اور وہ نہایت ہی محتاط تخمینے لگانے میں کامیاب ہوتے رہے ۔(9)
حضرت عبداللہؓ بن رواحہ دربار رسول ؐ کے وہ تربیت یافتہ شاعر تھے جن کے حق میں سورۃ شعراء کی آیات 225تا228اتریں۔ جو ایمان لاکراعمال صالحہ بجا لانے والے شعرا ء کو عام شعرا ء سے ممتاز کرکے پیش کرتی ہیں ۔ان آیات کے پیش نظر حضرت عبد اللہ ؓ بن رواحہ بجا طور پر کہا کرتے تھے۔کہ خدا تعالیٰ کو یہ علم ہے کہ ہم جیسے شعرا ء بھی موجود ہیں اس لئے اللہ تعالیٰ نے ہمارا بھی ذکر کردیا اور میں شعرا ء کے اسی گروہ میں سے ہوں۔
فی البدیہہ اشعارمیں مدح رسولﷺ
حضرت عبداللہ بن رواحہؓ اپنا ایک بہت ہی خوبصورت واقعہ بیان کرتے تھے کہ ایک دن میںمسجد نبوی کی طرف گیا تو کیا دیکھتا ہوں کہ حضور ؐ کی مجلس ایک کونے میںجمی ہے کچھ لوگ تیزی سے میری طرف آئے اور مجھے بلانے لگے اے عبد اللہ بن رواحہؓ !اے عبد اللہ بن رواحہؓ ! میں سمجھ گیا کہ حضور ؐ نے مجھے یاد فرمایا ہے۔ حاضر خدمت ہوا تو آپ نے مجھے اپنے سامنے بٹھالیااور فرمانے لگے کہ اے عبدا للہؓ یہ تو بتائو کہ جب تمھار ا ارادہ شعر کہنے کاہوتا ہے تو کیسے کہتے ہو؟ حضرت عبداللہؓ کہتے ہیں حضوؐر نے یہ بات اظہار پسند یدگی اور تعجب کے رنگ میں کہی ۔میںنے عرض کیا یارسولؐ اللہ پہلے میں اس مضمون پر غور کرتا ہوں جس کے بارے میںکچھ کہنا ہوپھر شعر کہتا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا اچھا آج ہمارے سامنے مشرکین کے بارے میں کچھ اشعار کہو ۔حضرت عبد اللہ بن رواحہؓ کہتے ہیں کہ اس وقت میرے پاس کوئی چیز تیار نہیںتھی۔فی البدیہہ شعر کہنے تھے کچھ دیر غورکے بعد میںنے اشعار کہے۔ پہلے شعر میں ہی ان مشرکین کی مذمّت تھی جن کا تعلق حضور ؐ کے خاندان سے بھی تھااس لئے یہ بڑا کڑا امتحان بھی تھا ۔ مجھے محسوس ہوا جیسے حضوؐ ر کو وہ شعر ناگوار گزرا ہو ۔شعریہ تھا ۔
خَبّرُِوْنیِ اَثْمَانَ اْلعَبائِ مَتیٰ کُنْتُمْ بِطَارِیقَ اِذَا دَ اَنت لَکُمْ مُضَرٗ
یعنی ’’اے مشرکین مکہ! مجھے بتائو تو سہی تمھاری حیثیت اور قیمت ہی کیا ہے ؟محض ان جُبّوں کی قیمت کے برا بر جو تم نے پہن رکھے ہیںاوربس مجھے یہ تو بتائو کہ تم کب سے خانہ کعبہ کے متولی بن گئے؟ تم خود توبے دین تھے اور مضر نے تم کو اپنے دین پر قائم کیاتھا۔‘‘ وہ کہتے ہیںکہ جب میںنے قریش کو محض قبائوں کی قیمت سے برابری کا طعنہ دیاتو حضور ؐ کے چہرے پرکچھ ناگواری سی آئی لیکن اگلے ہی اشعا ر میں ابن رواحہ ؓ نے رسول اللہ ﷺ کے خاندان بنو ہاشم کی قرار واقعی تعریف کرکے انہیں کفار سے الگ کرلیا وہ شعر یہ تھے
یَا ہَاشِمَ الْخَیْرِ اِنَّ اللّٰہَ فَضَّلَکُمْ عَلَی الْبَرِیَّۃِ فَضْلاًماَلَہ‘ غِیَرٗ
’’مگر اے بنو ہاشم تم وہ قبیلہ ہو جن کو اللہ تعالیٰ نے تما م مخلوق پر ایک ایسی فضیلت عطا فرمائی ہے جسے کوئی تبدیل نہیں کرسکتا ‘‘اور پھر حضوؐر کو مخاطب کرتے ہوئے عرض کیا
اِنّیِ تَفَرَّدْتُّ فِیْکَ الْخَیْرَاَ عْرِفُہ‘ وَاللّٰہُ یَعْلَمُ اَنْ مَّاخَانَنِی البَصَرٗ
یعنی اے محمد مصطفیٰ ﷺ! میں آ پ کے اندر ایسی منفرد خیر و بھلائی پاتاہوں جسے میں اپنی فراست سے پہچانتا ہوں اور اللہ جانتا ہے کہ میری آنکھ نے کوئی خیانت نہیں کی۔
آخر میں دعا دیتے ہوئے حضوؐ ر کی خدمت میںعرض کیا
فَثَبَّتَ اللّٰہُ مَا آتَاکَ مِنْ حَسَنٍ تَثْبِیْتَ مُوْسٰی وَنَصْرًاکَالَّذِیْ نُصِرُوا
کہ اے محمد مصطفی !ؐ اللہ تعالیٰ نے خوبیاں آپ کو عطا فرمائیں ہیں وہی آپ کو وہ ثبات قدم عطا فرمائے جو حضرت موسیٰؑ کو بخشا گیا اور آپ کی اسی طرح تائید ونصرت بھی کرے۔
آنحضرتﷺنے یہ سنا تو بہت خوش ہوئے ۔ چہرہ خوشی اور مسرت سے تمتمانے لگا۔ حضرت عبد اللہؓ بن رواحہ کو دعا دیتے ہوئے آپ نے فرمایا کہ’’ اللہ تعالیٰ تمہیںبھی ثابت قدمی عطا فرمائے ‘‘ یہ دعا حضرت عبد اللہ ؓ بن رواحہ کے حق میںبڑی شان سے قبول ہوئی اورآپ کو شہادت کا مرتبہ عطا ہوا اور نہایت عالی شان ثبات قدم سے آپ غزوئہ موتہ میں شہید ہوئے ۔(10)
علامہ مرزبانی نے معجم الشعراء میں لکھا ہے کہ حضرت عبدا للہ ؓ بن رواحہ زمانہ جاہلیت کی شاعر ی میں بھی بہت قدرو منزلت رکھتے تھے اورزمانہ اسلام میں بھی انکوبہت بلند مقام اور مرتبہ حاصل تھا۔ بقول مرزبانی حضور ؐ کی شان میں ایک شعر حضرت عبد اللہ ؓ نے ایسا کہا ہے کہ اسے آپ کا بہترین شعر کہا جاسکتا ہے ۔ وہ شعر آپ کی دلی کیفیت کو خوب بیان کرتا ہے جس میںحضرت عبد اللہ ؓ نے آنحضرت ﷺکو مخاطب کرتے ہوئے کہا
لَوْ لمَ تَکُنْ فِیْہ اٰیَا ت’‘ مُبَیَّنَۃٌ کَانَتْ بَدِیْھَتُہ‘ تُنبِیْکَ بِالخَبَرٖ
کہ محمد مصطفی ﷺاگرسچائی اور صداقت کو ظاہر کرنے کے لئے وہ تمام کھلے کھلے اور روشن نشانات نہ بھی ہوتے جو آپ کے ساتھ تھے تو بھی محض آپ کا چہرہ ہی آ پؐ کی صداقت کیلئے کافی تھا۔ جو خود آپ کی سچائی کا اعلان کررہا تھا ۔(11)
آقا کی عیادت اور دعا
آنحضرتﷺکو بھی اپنے اس عاشق صادق اور غلام سے بہت محبت تھی۔ ایک دفعہ حضرت عبد اللہ بن رواحہؓ بیمار ہوگئے۔ ا س بیماری میں غشی کے دورے آپ کو پڑنے لگے ۔نبی کریمﷺ بنفس نفیس عیادت کیلئے ان کے گھرتشریف لے گئے ۔دیکھا کہ ان پر بے ہوشی طاری ہے۔ ان کی بہن عمرہ بھائی کا آخری وقت سمجھ کربین کرنے لگی کہ اے میرے پہاڑ جیسے بھائی! اے میرے عظیم بھائی! آنحضرت ﷺنے ایک طرف ان کو تسلی دلائی تو دوسری طرف حضرت عبد اللہ بن رواؓحہ کیلئے خدا تعالیٰ کے حضور دعا کرتے ہوئے عرض کیا۔ اے میرے مولا اگر عبد اللہ بن رواحہؓ کی اجل مقدر آگئی ہے اوریہ تقدیر مبرم ہے تو پھر اسکا آخری وقت آسان کردے اوراسے مزید تکلیف میں نہ ڈال اور اگر اس کا آخر ی وقت نہیں آیاتو پھر اے میرے مولیٰ میں دعا کرتا ہوں کہ اسے شفا عطا فرمادے ۔ حضوؐر کی اس دعا کاعجب معجزانہ اثر ہوا اور حضرت عبد اللہ ؓبن رواحہ ہوش میں آگئے۔طبیعت سنبھل گئی اور حضور ؐ کی خدمت میں عرض کرنے لگے کہ یارسول اللہؐ !جب میری یہ بہن بین کررہی تھی کہ’’ میرے پہاڑوںجیسے عظیم بھائی ‘‘تو فرشتے مجھ سے پوچھ رہے تھے کہ کیا تم واقعی ایسے تھے ۔بعد میں ان کی بہن نے غزوہ موتہ میں ان کی شہادت پر غیر معمولی صبر دکھایا اورکوئی واویلایا بین نہیں کیا۔(12)
قیادت موتہ اور عجزو انکسار
غزوہ موتہ جمادی الاولیٰ 09؁ ہجری میں ہوئی ۔واقعہ یوں ہوا کہ نبی کریم ؐ نے بصرہ کے رئیس کے نام اپنے ایک صحابی کے ہاتھ اپنا خط بھجوایا تھا ۔راستے میں ایک غسانی نے رسول اللہ ﷺکے اس سفیر کوقتل کردیا۔مزید برآں رومی سرحد پر مسلمانوں کے خلاف فوجوں کااجتماع ہو رہا تھانبی کریمؐ نے تین ہزار کا لشکر روانہ کیا اس کی قیادت حضرت زیدؓ بن حارثہ کے سپرد کی اور ارشا د فرمایاکہ اگر یہ شہید ہوگئے تو پھر حضرت جعفرؓ بن طیار امیر لشکر ہونگے اور اگر وہ بھی شہید ہوگئے تو عبد اللہ ؓ بن رواحہ قیادت سنبھالیں گے۔اس لشکر کی روانگی اور الوداع کا وقت آیا تو حضرت عبد اللہ ؓ بن رواحہ رونے لگے لوگوں نے کہا کہ اے عبداللہ ؓ روتے کیوں ہو کہنے لگے کہ خد اکی قسم مجھے دنیا سے ہرگزکوئی محبت ہے نہ اس کا کوئی شوق لیکن میںنے اس آیت(مریم :72)کے بارہ میںآنحضرت ﷺسے سنا ہے کہ ہر ایک شخص کوایک دفعہ ضرور آگ کا سامنا کرنا ہے اور میں اس سے بہت ڈرتا ہوں ایسے وقت اللہ تعالیٰ مجھے استقامت عطا فرمائے اور کہیں میں ڈگمگا کرٹھوکر نہ کھاجائوں۔ نہ معلوم ایسے کسی ابتلاء کے وقت میرے دل کی کیا کیفیت ہو ۔ اس حوالے سے مجھے خوف آتا ہے ۔اللہ تعالیٰ ہی استقامت بخشے اور شہادت کا موقعہ آئے تو استقامت کے ساتھ اس راہ سے گذرجائوں تب ان کو صحابہ نے تسلی دلائی اوردعائیں کیں کہ اللہ تعالیٰ آپ کو خیریت سے لے جائے اور خیریت سے واپس لائے انہوں نے کہا کہ میںیہ دعائیںنہیں چاہتا ۔
شہادت کی تمنا
پھرحضرت عبداللہ بن رواحہ ؓنے وہ اشعار کہے جن سے ان کی شہادت کی تمنا خوب ظاہر ہوتی تھی ۔
ٰلکِنِّیْ اَسْئَلُ الرَّحْمٰنَ مَغْفِرَۃً وَضَرْبَۃًذَاتَ فَرْعٍ یَقْذِفُ الرَّبَدَا
’’ لیکن میںتو رحمن خد اسے مغفر ت کاطلب گا رہوں اور میں چاہتا ہوں کہ بیشک ایسے تیز وار مجھ پر ہوں جو جھا گ کی طرح اڑا کر رکھ دیں ۔‘‘
اَوْطَعْنَۃٍ بِیَد ی حَرَانِِ مُجَھَّزَۃٍ بِحِرْبَۃٍ تَنْفُذُ الْاَحْشَا ئَ وَالْکَبِدَا
یا ایسے ہتھیا راور تیار کئے ہوئے تیر مجھ کو لگیں اور ایسے نیزے لگیں کہ جو آنتوں میں گھس کر جگر کے پار ہوجائیں۔ مجھے اس بات کی پرواہ نہیں ہے۔ ہاں بس یہ ہو کہ خد اتعالیٰ کی راہ میںمیری شہادت قبول ہوجائے۔
حتّٰی یَقُولُواِذَ مَرُّوا عَلیٰ جَدَثیْ یَااَرشَدَ اللّٰہُ مِنْ غازِِ وَقَد رَشَدا
اور جب لوگ میری قبر سے گذریں تو کہیں کہ خدا اس کا بھلا کرے یہ کیسا عظیم غازی تھا اور کیسی عظیم الشان شہادت اس کو عطا ہوئی ۔یہ وہ تمنائیںتھیں جو حضرت عبدا للہ ؓ بن رواحہ کے دل میں شہادت کیلئے مچل رہی تھیں ۔
موتہ پہنچ کر معلوم ہوا کہ غسانیوں نے مسلمانوں کے خلاف ھر قل شاہ روم سے مدد طلب کی اور اس نے دولاکھ کا لشکر مسلمانوںکے مقابلے کیلئے بھجوایا ہے ۔اس موقع پر مسلمان امرائے لشکر نے باہم مشورہ کیا کہ حضوؐر کی خدمت میںپیغام بھیجنا چاہیئے کہ دشمن کی تعداد بہت زیادہ ہے اس لئے کمک بھجوائی جائے یا پھر جو حضوؐر کا ارشاد ہو اس پر عمل کیاجائے ۔اس موقع پر حضرت عبد اللہ بن رواحہؓ نے مسلمانوں کے بہت حوصلے بڑھائے۔اور انکی رزمیہ شاعری بھی خوب کام آئی ۔ یہ تین ہزار کا لشکر دولاکھ کے لشکر کے مقابلے کیلئے آگے بڑھا۔(13)
حضرت عبد اللہ بن رواحہؓ کی تمنائے شہادت کا ذکر حضرت زیدؓ بن ارقم یوں کیا کرتے تھے کہ حضرت عبد اللہ بن رواحہؓ مجھے اپنی اونٹنی کے پیچھے سوار کرکے غزوئہ موتہ میں ہمراہ لے گئے۔ زیدؓ بن ارقم کو حضرت عبد اللہ بن رواحہؓ نے ایک یتیم بچے کے طورپر لیکر پالا اور ان کی تربیت کی تھی۔ کہتے ہیں کہ ایک رات میں نے حضرت عبد للہ بن رواؓحہ کو یہ شعر پڑھتے ہوئے سنا جس میں اپنے اہل خانہ کی یاد کے ساتھ یہ ذکرتھا کہ اب میں کبھی لوٹ کر واپس گھر نہیں جائوں گا ۔ بڑے مزے سے وہ یہ شعر گنگنا رہے تھے ۔
اِذَا اَدْ نَیْتَنِی وَحَمَلتِ رَحْلِیْ مَسِیَرۃَ اَربَعِِ بَعْدَ الحَسَا ء ٖ
فَشاَنُکِ فاَ نْعَمِی وَخَلاَکِ ذَمّٖ وَلاَ اَرْجِعُ اِلیٰ اَھْلِیْ وَرَائیْ
ان اشعار میں حضرت عبد اللہ ؓ اپنی اہلیہ کومخاطب کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’’جمعرات کی وہ شام جب تم نے میرے اونٹ کے پالان کو سفر جہاد کیلئے درست کیاتھا اور آخری دفعہ میرے قریب ہوئی تھی تیری وہ حالت کیا خوب اورمبارک تھی ۔ تجھ میں کوئی عیب یا خرابی تو نہیں مگر اب میں اس میدان جنگ میں آچکا ہوں اور اس سے لوٹ کرمیں تمھاری طرف کبھی واپس نہیں آئونگا ۔‘‘گویااپنے اہل خانہ کو یہ انکاغائبانہ الواداع تھا ۔کمسن زیدؓنے یہ سناتو افسرد ہ ہو کر رو دیئے۔ حضرت عبداللہ ؓ نے انہیں ڈانٹا اور کہا کہ اے ناسمجھ! اگر اللہ تعالیٰ مجھے شہادت عطا فرمائے تو تیرا نقصان کیا ہے بلکہ تم تو میری سواری لے کر اکیلے آرام سے اس پر بیٹھ کر واپس لوٹو گے ۔(14)
میدان جہاد میں حضرت عبد اللہ بن رواحہ ؓنے واقعی بہادری کے خوب جوہر دکھائے۔حضرت نعمان بن بشیر ؓبیان کرتے تھے کہ حضرت جعفرؓ کی شہادت ہوئی تو حضرت عبد اللہ بن رواؓحہ لشکر کے ایک جانب تھے لوگوںنے انکو بلایا۔ وہ اپنے آپ کو مخاطب کرکے یہ رجز یہ شعر پڑھتے ہوئے آگے بڑھے۔
یَانَفْسُ اَلاَ تَقْتُلِیْ تَمُوتِی ھٰذَاحَیَاضُ الْمَوْتِ قَد صَلَیْتٖ
وَماَ تَمَنَّیْتِ فَقَدْ لقِیْتِ اِن تَفْعَلِی فَعَلَّھُمَا ھُدِیْتِ
اے میرے نفس ! کیا تم اس طرح لڑائی نہیں لڑوگے کہ جان دے دو۔ موت کے تالاب میں تم داخل ہوچکے ہو ۔جو خواہش (شہادت کی )تم نے کی تھی۔ اسے پورا کرنے کا وقت آچکا ہے۔ اب اگر جان کا نذرانہ پیش کر دو تو شاید نیک انجام پاجائو۔(15)
مصعبؓ بن شیبہ بیان کرتے ہیں کہ جبحضرت زیدؓاور حضرت جعفر ؓبھی شہید ہوگئے تو حضرت عبد اللہ ؓ بن رواحہ میدان میں آگے تشریف لائے۔ جب انہیں نیزہ لگا تو خون کی ایک دھار جسم سے نکلی۔ آپ نے اپنے ہاتھ آگے بڑھائے اوران میں خون لے کراپنے منہ کے اوپر مل لیا پھر و ہ دشمن اور مسلمانوں کی صفوںکے درمیان گرگئے مگر آخری سانسوںتک سردار لشکر کے طور پر مسلمانوں کا حوصلہ بڑھاتے رہے اور نہایت مؤثر جذباتی رنگ میں مسلمانوں کو انگیخت کرتے ہوئے اپنی مدد کیلئے بلاتے رہے کہ دیکھو اے مسلمانو!یہ تمھارے بھائی کا لاشہ دشمنوں کے سامنے پڑا ہوا ہے۔آگے بڑھو اور دشمنوں کو اپنے اس بھائی کے راستے سے دور کرو اور ہٹائو چنانچہ مسلمانوں نے اس موقع پربڑے زور کے ساتھ کفار پر حملہ کیا اورپے درپے حملہ کرتے رہے یہاں تک کہ اس دوران حضرت عبد اللہ ؓ کیشہادت ہوگئی۔(16) آنحضرؐت کو اہل موتہ کی شہادت کا تما م حال کشف کے ذریعے سے بتایاگیا، آپؐ نے صحابہ سے سرداران موتہ کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ پھر آخر عبد اللہ بن رواؓحہ بھی شہید ہوگئے۔ (17)
رسول کریم ﷺنے اپنے ان تینوں امراء لشکر کے بارے میں بیان فرمایا کہ میں نے ان کوجنت میں سونے کے تختوں پر بیٹھے ہوئے دیکھا ہے ۔(18)
زہد و عبادت
حضرت عبد للہ بن رواؓحہ کی زندگی نہایت عابدانہ اور زاہدانہ تھی نبی کریم ؐ فرمایا کرتے تھے’’ نِعْمَ الرَّجُلُ عَبْدُ اللّٰہ بُن رَوَاحہ‘‘ کہ عبد اللہ بن رواؓحہ بھی کیاخوب اور کتنا اچھا آدمی ہے (19)
شہادت کے بعد ان کی بیوہ کی شادی ہوئی تواس شوہر نے کہاکہ عبد اللہ بن رواحہؓ کی پاکیزہ سیرت کے بارے میں مجھے کچھ بتائو خاتون نے کیا ہی خوبصورت گواہی دی۔ کہنے لگیں حضرت عبد اللہ بن رواؓحہ کبھی گھر سے باہر نہیں جاتے تھے جب تک کہ دو رکعت نفل نماز ادا نہ کرلیں اسی طرح جب گھر میں داخل ہوتے تھے آپ کا پہلا کام یہ ہوتا تھاکہ وضو کرکے دو رکعت نفل نماز اد ا کیا کرتے(20)
حضرت عبد اللہ ؓکی دیگر عبادات کا بھی یہی حال تھا نفلی روزے رکھنے کا مجاہدہ بھی دوسروں سے بڑھ کرکرتے تھے حضرت ابو درداء ؓ بیان کرتے ہیں کہ ایک دفعہ ہم آنحضرت ؐ کے ساتھ رمضان کے مہینے میں ایک غزوہ کیلئے نکلے ۔گرمی اتنی شدید تھی کہ ہم اپنے سروں کو گرمی سے بچا نے کیلئے ہاتھوں سے ڈھانپتے تھے اور کسی کو یہ ہمت نہیں تھی کہ وہ اس شدید گرمی میں روزہ رکھ سکے سوائے نبی کریم ؐ اور حضرت عبد اللہ بن رواحہؓ کے۔ اس سے آپ کی جفاکشی اور مجاہدے کا خوب اندازہ ہوتا ہے ۔(21)
اطاعت رسولؐ اور پاکیزہ صحبت
آنحضرت ﷺکے ساتھ حضرت عبد اللہ بن رواؓحہ کی محبت اور اطاعت کا اندازہ آپ اس واقعہ سے کرسکتے ہیں جو حضرت ابو لیلیٰؓ بیان کرتے ہیں کہ ایک دفعہ آنحضرتﷺخطبہ ارشا د فرما رہے تھے اس دوران آپؐ نے فرمایا لوگو بیٹھ جائو حضرت عبداللہ بن رواؓحہ مسجد سے باہر خطبہ سننے کیلئے حاضر ہورہے تھے۔ وہ وہیں پر بیٹھ گئے آنحضرت ؐ نے انہیںمخاطب کرکے فرمایا زَادَکَ اللّٰہُ حِرصًا عَلٰی طَوَاعِیَۃِ اللّٰہِ وَعَلٰی طَوَاعِیَۃِ رَسُوْلِہٖکہ اے عبد اللہ ؓ بن رواحہ اللہ اورسول کی اطاعت کا تمہارا یہ جذبہ اللہ تعالیٰ اور بڑھائے۔(22)
صحبت صالحین
آخر میں حضرت عبد اللہ بن رواحہؓ کی ایک بہت ہی پیاری خوبی کا بیان ضروری ہے کہ آپ صالحین کی صحبت بہت پسند کرتے اور اس کی خواہش رکھتے تھے۔ بطور خاص نیک لوگوں کی مجالس منعقد کیا کرتے تھے ۔چنانچہ حضرت ابو دردائؓ بیان کرتے تھے کہ میں اس بات سے اللہ تعالیٰ کی پناہ چاہتا ہوں کہ میرے اوپر کوئی ایک ایسا دن آئے جب میں حضرت عبد اللہ بن رواؓحہ کو یاد نہ کروں۔ ہر روز میں ان کویاد کرتا ہوں اوراس کی وجہ ان کی یہ خوبی ہے کہ حضرت عبد اللہ بن رواحہؓ کی جب بھی میرے سے ملاقات ہوئی اگروہ پیچھے سے آرہے ہوتے تو اپنا ہاتھ میرے کندھوں پر رکھ دیتے اور سامنے سے آرہے ہوتے تو سینے پر ہاتھ رکھتے اور فرماتے کہ اے ابو دردائؓ! آئو ذرامل بیٹھیں اور ایمان تازہ کریں ۔کچھ ایما ن کی باتیں کرلیں پھر میرے ساتھ بیٹھتے اور جب تک ہمیں موقع ملتا ہم اللہ تعالیٰ کویاد کرتے۔پھر فرماتے کہ اے ابو دردائؓ یہ ایمان کی مجالس ہیں ۔
حضرت انس ؓ بیان کرتے ہیں کہ حضرت عبد اللہ بن رواؓحہ کو صحابہ کی صحبت اتنی پسند تھی کہ جب بھی کسی صحابی سے ملتے ان کو یہ تحریک کرتے کہ آئو مل بیٹھیں اور کچھ گھڑی اپنے ایما ن کو تازہ کریں۔ آنحضرت ؐ نے ایک دفعہ حضرت عبد اللہ بن رواحہؓ کی اس خصوصیت کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا’’ عبد اللہ بن رواحہؓ ایک ایسا شخص ہے جو نیک مجالس کو بہت پسند کرتا ہے اور ایسی مجالس منعقد کرتا ہے جن کو فرشتے بھی پسند کرتے ہیں ۔‘‘(23)
آج جب عبد اللہ بن رواحہؓ شہادت کا بلند مرتبہ پاکر خدا تعالیٰ کے حضور حاضر ہیںہم تصور کرسکتے ہیں کہ وہاں بھی نیک صحبتیں اور وہ پاک مجالس ان کو نصیب ہوتی ہو نگی ۔اور بے اختیار دل سے وہی الفاظ نکلتے ہیں جو آنحضرت ﷺ حضرت عبد اللہؓ کو فرمایا کرتے تھے ۔
نِعْمَ الَّرجُلُ عَبْدُ اللّٰہِ بُنُ رَوَاحَۃَ
عبد اللہ بن رواؓحہ بھی کیا خو ب انسان ہے۔ واقعی کتنے خوش قسمت تھے عبد اللہ بن رواحہؓ کہتے سعادت مند تھے وہ۔ اللہ تعالیٰ ہمیں ان کے نیک اور پاک نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین ۔



حوالہ جات
1-
اصا بہ جز 3صفحہ 66
2-
اسد الغابہ جلد 5صفحہ 157
3-
ابن سعد جلد 3صفحہ 526,525
4-
مسلم کتاب الجہادو السیر باب فی دعا ء النبی
5-
مسند احمد جلد 1صفحہ 224
6-
اصابہ جز 3 صفحہ 66
7-
بخاری کتاب المغازی باب غزوہ خندق
8-
اصابہ جز 4صفحہ 67
9-
ابو دائود کتا ب الزکوۃ باب متی یخرص التمر
10-
ابن سعد جلد 3صفحہ 528
11-
اصابہ جز4صفحہ 67
12-
اصابہ جز 4صفحہ 66
-13
اسد الغابہ جلد 3صفحہ 158
-14
اسد الغابہ جلد 3صفحہ 158
-15
اسد الغابہ جلد 3صفحہ 158
-16
اسد الغابہ جلد 3صفحہ 159
-17
مسند احمد جلد 1صفحہ 205
-18
اسد الغابہ جلد 3صفحہ 159
-19
اصابہ جز 4صفحہ 66
-20
اصابہ جز 4صفحہ 66
-21
صحیح مسلم کتاب الصیام باب التخیر فی الصوم و الفطر
-22
اصابہ جز 4صفحہ66
-23
اصابہ جز 4صفحہ 66

حضرت جابربن عبد اللہؓ
نام ونسب
حضرت جابر بن عبداللہؓ بن عمرو بن حرام وہ جواں سال صحابی ہیں جن کا تعلق قبیلہ خزرج سے تھا۔والدہ نسیبہ بنت عقبہ بنو سلمہ میں سے تھیں۔آپ وہ خوش نصیب انصار ی ہیں جنہیں کم سنی میں اپنے والد کے ساتھ بیعت عقبہ ثانیہ میں شرکت کرنے اور اسی سال حج کے موقع پر مکہ میںاسلام قبول کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ آپ کے دادا عمرو اپنے خاندان کے رئیس تھے۔ ان کے بعد جابرؓ کے والد عبداللہ نے ریاست سنبھال لی بیعت عقبہ کے موقع پر جابرؓ کے والد حضرت عبداللہ بنو حرامؓ کے نقیب مقرر ہوئے۔ بدر اور احد میںحضرت عبداللہ ؓکو شریک ہونے کی سعادت نصیب ہوئی۔ گھر میں ان کی کم سن بیٹیاں تھیںجن کی نگہداشت کے لئے حضرت جابرؓ کو گھر میں رکنا پڑا اور وہ بدر، ا حد میں شریک نہ ہو سکے۔(1)
والد کی شہادت
غزوہ احدمیں جاتے ہوئے آپ کے والد نے یہ نصیحت کی کہ میں احد میں خدا تعالیٰ کی راہ میں شہید ہو جاؤں تو میرے بعد اپنی بہنوں کا خاص خیال رکھنا۔ان کی نگہداشت کرنا(2) نیز وصیت کی کہ یہود سے جو قرض میں لے چکا ہوںوہ میرے کھجور کے باغات سے ادا کر دینا۔حضرت عبداللہؓ اسی جذبہ شوق شہادت کے ساتھ غزوہ احد میں شریک ہوئے اور جام شہادت نوش کیا۔ وہ بہت بہادری اور بے جگری سے لڑے تھے جس کا دشمن نے بھی خوب انتقام لیا۔چنانچہ حضرت عبداللہؓ کی شہادت کے بعدان کی نعش کا مثلہ کیا گیا اورناک ،کان کاٹ دئے گئے۔ چہرے کا حلیہ بگاڑ دیا گیا۔ حضرت عبداللہؓ کی نعش پر جب ان کی بہنیں آئیں اور ان کے چہرے پر سے چادر اٹھائی تو بے اختیار آہ وزاری کرنے اور رونے لگیں، آنحضرت ﷺنے ان کا یہ حال دیکھا تو ان کو دلاسا اور تسلی دلاتے ہوئے فرمایا تَبْکِیْنَ اَوْ لَا تَبْکِیْنَ فَاِنَّ الْمَلَائِکَۃَ تُظِلُّہْ کہ تم روؤیا نہ روؤ ملائکہ اس عظیم الشان شہید پر بدستورسایہ(رحمت) کئے رہے جب تک کہ اس کے جنازے کو اٹھایا نہیں گیا۔(3)
حضرت عبداللہؓ کی اولاد میںحضرت جابرؓ کے علاوہ نوبیٹیاں تھیں جن کی نگہداشت حضرت جابرؓ کے ذمہ آئی۔بیٹیوں نے اپنے والد کی نعش اٹھانے کے لئے مدینہ سے اونٹ بھجوایا لیکن آنحضرتﷺ نے حضرت جابرؓ سے یہ فرمایا کہ جہاں عبداللہؓ کے ساتھی دیگر شہدائے احد کی تدفین ہو گی وہیں عبداللہؓ دفن ہوں گے اور حضرت جابرؓ نے سر تسلیم خم کر دیا(4)
حضرت عبداللہؓ کی شہادت کے بعد یتیم بہنوںکے واحد کفیل جابرؓتھے۔ چنانچہ حضرت عبداللہؓ کی اولاد کے ساتھ ہمیشہ آنحضرت ﷺ کا ایک عجیب محبت اور شفقت بھرا تعلق رہا۔ خاص طور پر جواں سال حضرت جابرؓ رسول اللہﷺکی شفقتوں کے مورد ٹھہرے۔(5)
رسول اللہ ﷺنے اللہ تعالیٰ سے علم پا کر جابرؓ کو تسلی اور دلاسہ دیا ۔جابرؓ کے چہرے پر آپ ؐ نے یاس اور فکر کے آثار دیکھے تو کتنی محبت سے فرمانے لگے جابرؓ کیا وجہ ہے مغموم نظر آتے ہو؟عرض کیا یا رسول اللہﷺ !میرے والد احد میں شہید ہو گئے۔ پیچھے عیالداری اور قرض ہے رسول اللہ ﷺنے فرمایا کہ میں تمہیں وہ خوشخبری سناؤں جو اللہ تعالیٰ نے تمہارے باپ کو عطا کی۔انہوں نے کہا ضرور اے اللہ کے رسولؐ! آپؐ نے فرمایا کہ’’ اللہ تعالیٰ نے کبھی کسی سے بغیر حجاب کے کلام نہیں فرمایا مگر تمہارے باپ کو زندہ کر کے آمنے سامنے کلام کیااور فرمایا ’’اے میرے بندے مجھ سے جو چاہو خواہش کرو میں پوری کروں گا۔‘‘ تمہارے باپ نے کہا کہ ’’اے میرے رب مجھے زندہ کر کے واپس بھیج کہ تیری راہ میں پھر دوسری دفعہ شہید ہو جاؤں‘‘ تو اللہ تعالیٰ نے فرمایا ’’تمہاری یہ خواہش پوری نہیں ہو سکتی کیونکہ ہماری سنت کے خلاف ہے جو لوگ مر جائیں ان کے بارے میں فیصلہ گزر چکا ہے اَنَُّھُم لاَ یَرْجِعُونَ وہ دنیا کی طرف واپس نہیں لوٹائے جاتے(6)یہ سن کر حضرت جابرؓ کو کس قدر سکینت اورطمانیت عطا ہوئی ہوگی اس کا اندازہ نہیں کیا جاسکتا۔بلکہ ان کے پورے خاندان اور شہید کی یتیم اولاد کیلئے یہ بہت بڑی تسلی تھی۔
ادائیگی قرض میں رسول اللہ ﷺکی کوشش اوردعا
اس کے بعد آنحضرتﷺکا حضرت جابرؓ کے ساتھ شفقتوں بھرے سلوک کا جو سلسلہ شروع ہوا وہ نہایت حیرت انگیز اور عجیب لطف وکرم کا ایک سلسلہ ہے۔پہلی بڑی پریشانی حضرت جابرؓ کے پورے خاندان کے لئے یہودی ساہو کاروں کے قرض کا بوجھ تھا۔حضرت جابرؓ بیان کرتے تھے کہ غزوہ احد کے بعد کھجور کے باغات پر جو پہلا پھل آیا ۔ میری خواہش تھی کہ خواہ باغ کا سارا پھل بھی دینا پڑ ے اور قرض کا بوجھ اتر جائے تو خوش نصیبی ہو گی۔ چنانچہ میں نے یہود کو یہ پیش کش بھی کر دی کہ باغ کا سارا پھل لے لو اور قرض سے دستبردار ہو جاؤ مگر یہودیوں کی نظریں تو باغ پر تھیں کہ وہ قرض کوسود در سود بڑھا کر کسی طرح باغ قبضہ میں کر لیں۔چنانچہ حضرت جابرؓ آنحضرت ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا یا رسولؐ اللہ! یہودی قرض خواہوں کا تقاضا ہے کہ میں ان کا سارا قرض ا نہیںادا کروں۔آپؐ ان قرض خواہوں کے پاس میری سفارش کر دیں کہ وہ قسط وار کچھ اس سال اور کچھ اگلے سال مجھ سے یہ قرض لے لیں اور یوں یہ قرض ادا ہوتا چلا جائے۔ آنحضرتﷺ نے ان قرض خواہوں کو بلاکر حضرت جابرؓ کی یہ سفارش کی کہ کچھ قرض اس سال لے لو کچھ اگلے سال لے لینا لیکن یہودی اس پر راضی نہ ہوئے۔ وہ سارا قرض یکمشت لینے پر مصر تھے،چنانچہ آنحضرت ؐنے جب یہ دیکھا کہ کوئی صورت کار گر نہیں ہو رہی تو آپؐ نے حضرت جابرؓ سے فرمایا اچھا میں خود تمہارے باغ میں آؤں گا۔حضوؐر کی منشاء یہ معلوم ہوتی تھی کہ حالات کا جائزہ لے کر دعا کریں گے۔ چنانچہ حضرت جابرؓ سے ہفتہ کا دن مقرر ہوا اور فرمایا کہ دن چڑھنے کے بعد میں خود تمہارے باغ میں آجاؤں گا ۔مقررہ وقت پر آنحضرت ؐ باغ میں تشریف لائے۔ حضرت جابرؓ کہتے ہیں کہ میں نے پہلے سے تیاری کر رکھی تھی۔ خوب مزے لے لے کر وہ یہ واقعہ سنایا کرتے تھے کہ کس طرح آنحضرت ﷺان کے باغ میں تشریف لائے۔ آتے ہی آپؐنے وضو کر کے دو نفل نماز ادا کی۔ اور دراصل یہی وہ مقصد تھا جس کے لئے حضوؐر تشریف لائے تھے آپؐ نے اپنے دونوں رفقاحضرت ابو بکرؓ اور حضرت عمرؓ کو بھی اپنے اس پروگرام سے مطلع فرما دیا تھاکیونکہ آنحضرتﷺ کی آمد سے کچھ دیر کے بعد حضرت ابو بکرؓ تشریف لے آئے تو انہوں نے بھی آتے ہی وضو کر کے دو رکعت نماز پڑھ کر دعائیں کیں۔ان کے بعد حضرت عمرؓ تشریف لائے اور انہوں نے بھی ویسا ہی کیا جو آنحضرت ﷺ اور حضرت ابو بکرؓ نے کیا تھا اور دو رکعت نماز پڑھ کر سایہ دار جگہ میں سستانے کے لئے بیٹھے تو تھوڑی دیر کے لئے حضوؐرکی آنکھ لگ گئی جابرؓ کہتے ہیںاس دوران میں نے ایک چھوٹا سا بکرا جو گھر پالا ہوا تھاذبح کر کے آنحضرتﷺکے لئے کھانے کا انتظام شروع کیا۔مجھے اندازہ تھا کہ آنحضرتؐ اٹھتے ہی وضو کے لئے پانی طلب کریں گے۔ میری خواہش تھی کہ آنحضرتﷺ کے اٹھنے سے قبل ہی جتنی جلدی ہو سکے کھانے کا انتظام مکمل کر لوں اور آپ ؐکے بیدار ہوتے ہی آنحضرتﷺکی خدمت میں ما حضر پیش کر دوں۔ چنانچہ ایسا ہی ہوا حضوؐر اٹھے اور وضو کا پانی طلب کیا میں نے پانی وغیرہ پیش کیا پھر ساتھ ہی آنحضرتﷺکی خدمت میں کھانا پیش کر دیا تو کھانے میں گوشت دیکھ کر آنحضرتﷺفرمانے لگے اے جابر معلوم ہوتا ہے کہ تمہیں خوب علم ہے کہ ہمیں گوشت مرغوب خاطر ہے اور تم نے بڑی چاہت سے یہ گوشت تیار کر کے ہمارے لئے دعوت کا انتظام کیا ہے۔ حضرت ابو بکرؓ وعمرؓ بھی آکر شریک طعام ہوئے۔ چشمے کا ٹھنڈا پانی بھی تھا۔ میٹھے میں تازہ اور خشک کھجور بھی پیش کی گئی۔ یہ خوان نعمت سجا تو آنحضرتﷺکا جذبہ شکر عجب انداز میں ظاہر ہوا آپ فرمانے لگے دیکھو یہی وہ نعمتیں ہیں جن کا سورۃ التکاثر کے آخرمیں ذکرہے کہ اس حساب کے دن تم سے ان نعمتوں کے بارے میں پوچھا جائے گا کہ تم نے کس حد تک شکر نعمت کا حق ادا کیا۔
حضرت جابرؓ بیان کرتے ہیں پھر آنحضرت ﷺاٹھے اور کھانے کے بعد فرمانے لگے کہ اچھا اب باغ کو دیکھتے ہیں کہ کتنا پھل ہے باغ میں چلتے پھرتے ہوئے حضور ؐ زیر لب دعا کرتے رہے۔ اس موقع پر یہودی قرض خواہ بھی آئے ہوئے تھے۔ حضوؐر کو دعا کرتے ہوئے دیکھ کر انہیں جابرؓ پر سخت غصہ آرہا تھا۔ آنحضورﷺنے ان سے پھر فرمایا ’’دیکھومیں نے تم سے پہلے بھی کہا اب پھر سفارش کرتا ہوں جابرؓ سے کچھ پھل اس سال لے لو کچھ اگلے سال لے لینا اور قرض میں مہلت دے دو۔‘‘انہوں نے کہا کہ ہم تو اس پر آمادہ اور تیار نہیں ہیں حضورﷺنے فرمایا کہ دیکھ لو یہ یتیموں کا مال ہے اور اسی وجہ سے میں سفارش بھی کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم تو اپنا پورا پورا قرض واپس لینا چاہتے ہیں۔ آنحضرتﷺنے حضرت جابرؓ سے فرمایا کہ ’’اچھا تم ایسا کرو کہ جتنی اقسام کی کھجوریں یہاں ہیں وہ چنواؤ باغ کٹواؤ اور ہر قسم کی کھجور کے الگ الگ ڈھیر بنوا دو اور پھر ماپ کر ان یہودیوں کا قرض دینا ہے۔‘‘حضرت جابرؓ بیان کرتے ہیں کہ میں نے اپنی بیوی کو اچھی طرح سمجھا دیا تھا کہ دیکھو آنحضرتؐ ہمارے ہاں تشریف لا رہے ہیں تم نے بالکل حضور ﷺسے کوئی سوال نہیں کرنا۔ میں نے طبعی حجاب کی وجہ سے بیوی کو اس سے روکا تھا۔لیکن وہ باز نہیں آئی جب حضورﷺ باغ میں چہل قدمی فرمانے کے بعد واپس جانے لگے اور دیکھا کہ نماز کا وقت ہو گیا ہے توآپؐ نے حضرت ابو بکرؓ سے فرمایا کہ ابو بکرؓ نماز کا وقت ہو گیا ہے چلو واپس چلیں۔ دریں اثنا میری بیوی نے جھونپڑی سے تھوڑا سا سر باہر نکال کر عرض کیا یا رسول اللہؐ میرے لئے اور میرے شوہر کے لئے دعا تو کر جائیں حضورﷺدعا تو پہلے سے ہی کر رہے تھے اس وقت خاص طور پر آپ نے ان کے لئے دعا کی’’ اے اللہ! ان پر اپنی رحمتیں اور برکتیں بھیج۔ اس پر بھی اور اس کے شوہر پر بھی۔ اور پھر مجھ سے تاکیداًفرمایا کہ تم نے یہ پھل کٹوا کر یہودیوں کو باقاعدہ ماپ کر قرض واپس کرنا ہے۔ کہتے ہیں کہ میں اس کام میں لگ گیا۔ پھل میں ایسی برکت پڑی اور اللہ تعالیٰ کا ایسا فضل ہوا کہ ان یہودیوں کا سار اقرض نہ صرف اس پھل سے ادا ہو گیا بلکہ قرض کے تیس وسق یعنی قریباً67من کھجور دینے کے بعدقریباً38من کے قریب باقی بھی بچ رہی اور یہ خاص حضورﷺکی دعاؤں کی برکت تھی ورنہ باغ کو دیکھنے کے بعد بھی یہی اندازہ ہوتا تھا کہ یہ پورے کا پورا بھی پھل قرض کے لئے کفایت نہ کرسکے گا۔
دوسری روایت میں مزید تفصیل ہے کہ اللہ تعالیٰ نے حضوؐر کی دعاؤں سے ایسی برکت رکھ دی کہ حضورﷺ جس ڈھیر پر بیٹھ کر خود ماپ کر یہود کو قرض دے رہے تھے ایسے لگتا تھا کہ اس ڈھیر سے ایک کھجور بھی کم نہیں ہوئی ہے بلکہ وہ جوں کا توں ہے۔قرض کی مکمل ادائیگی کے بعد جب میں دوڑتا ہوا آنحضرت ﷺ کی خدمت میں مسجد نبوی میں حاضر ہوا اور یہ ذکر چھڑا کہ سارا قرض ادا ہو گیا ہے اور کھجوریں بچ بھی رہی ہیں۔ حضورﷺبہت خوش تھے آپؐ نے فرمایا اچھا!حضرت عمرؓ کو بلاؤحضرت ابو بکرؓ کو بھی اطلاع ہوئی اور وہ بھی تشریف لے آئے۔ حضورؐ نے حضرت عمرؓ سے فرمایا کہ اے عمرؓ جابرؓ سے ذرا پوچھو تو سہی کہ اس کے قرض کا کیا بنا؟ حضرت عمرؓ کا ایمان بھی کیسا کامل اورتوکّل کیسا عجیب تھا عرض کیا یا رسول اللہؐ !میں جابرؓ سے کیوں پوچھوں آپؐ جب باغ میں چلے تھے اور زیر لب دعائیں کر رہے تھے مجھے تو اسی وقت یقین ہو گیا تھا کہ جابرؓ کے حق میں ضرورکوئی معجزہ رونما ہوگا۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا پوچھو تو سہی کہ یہ کہتے کیا ہیں کیا واقعہ ہوا۔انہوں نے پھر کہا مجھے کامل ایمان اور یقین ہے کہ وہی معجزہ ہوا ہو گا جو حضورﷺ کی برکت سے ہونا ہی تھا۔جب تیسری مرتبہ رسول پاکﷺ نے فرمایا پوچھو تو سہی! حضرت جابرؓ بیان کرتے ہیں کہ حضورﷺ جب تیسری دفعہ صحابہ سے کوئی بات فرماتے تھے تو وہ سر تسلیم خم کر دیتے تھے حضرت عمرؓنے کہا جابرؓ بتاؤ تو سہی کہ ہواکیا؟تب حضرت جابرؓ نے پورا قصہ کہہ سنایا۔ حضرت ابو بکرؓ بھی اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لائے۔ حضرت عمرؓ نے بھی کہا دیکھو رسول پاکﷺکی دعاؤںکے بعد اس خاص توجہ کے نتیجہ میںکیسا نشان ظاہر ہوا۔(7)
الغرض حضرت جابرؓ اور ان کا خاندان آنحضرتﷺکی محبتوں اور شفقتوں کا مورد ٹھہرا۔ حضرت جابر ؓ بیان کرتے ہیں کہ میراآنحضرتﷺکے ساتھ ایک ایسا تعلق پیدا ہو گیا تھا کہ پھر میری زندگی میں کوئی ایسا غزوہ نہیں آیا کہ میں اس میںآپؐسے پیچھے رہ گیا ہوں اورمیں آپؐ کا ایسا گرویدہ ہوا کہ کوئی غزوہ مجھ سے خطا نہیں گیا چنانچہ حضوؐرنے انیس غزوات میں شرکت فرمائی ان میں سے سترہ میں مجھے شرکت کی توفیق ملی سوائے پہلے بدراوراحد کے غزوات کے۔ حضرت جابرؓان غزوات میں شرکت کے اپنے احوال بھی بیان کرتے تھے جو احادیث کی کتب میں بڑی تفصیل کے ساتھ موجود ہیں اور عشق ومحبت کے عجیب واقعات ہیں۔
جنگ خندق میں فاقہ اور جابرؓ کی دعوت رسولﷺ
غزوہ خندق کے حوالے سے بھی حضرت جابرؓ یہ قصہ بہت محبت بھرے انداز میں بیان کرتے تھے کہ حضورؐکے ساتھ ہم خندق کھود رہے تھے۔ قحط اور فاقہ کازمانہ تھا۔بھوک کی تکلیف کم کرنے کے لئے صحابہ نے پیٹ پر پتھر باندھے ہوئے تھے۔ خندق کی کھدائی میں ایک سخت چٹان آگئی اور حضور ؐ خود کدال لے کر وہ سخت پتھر توڑنے کے لئے آگے بڑھے۔ پیٹ سے کپڑا اٹھا تو ہم نے دیکھا کہ حضوؐر نے شدت فاقہ سے بچنے کیلئے پیٹ پر دو پتھر باندھے ہوئے تھے اور ہم نے تین دن سے کچھ نہ کھایا تھا۔عاشق رسول حضرت جابرؓ سے رسول اللہﷺکی یہ حالت دیکھی نہ گئی۔ فوراً اپنے گھر گئے اور اپنی بیوی سے جا کر کہا کہ میں نے اپنے آقا ومولا حضرت محمدﷺکی فاقہ کی ایسی حالت دیکھی ہے جو خدا کی قسم نا قابل برداشت ہے پس تمہارے پاس جوبھی میسر ہے اس سے کھانے کا کچھ بندو بست کرو۔ اس نے کہا میرے پاس جو ہیںاور گھر میں ایک چھوٹاسا پالتوبکرا ہے۔ میں نے وہ بکرا ذبح کیا اور اس نے جَو پیس لئے۔گوشت ہنڈیا میں ڈال کر پکنے کے لئے رکھ دیا گیا اور آٹا گوندھنے کے بعد سنورنے لگا۔ خود حضرت جابرؓ آنحضرتﷺ کو بلانے کے لئے آپ کی خدمت میں حاضر ہو گئے اور عرض کیا یا رسول اللہﷺ! میں نے آپ کے لئے تھوڑا سا کھانے کا انتظام کیا ہے۔ حضرت جابرؓ کو اندازہ تھا کہ مدینہ میں فاقہ کا عالم ہے اور کھانا کم ہے۔ حضوؐر کے ساتھ اگر دو تین افرادآ جائیں تو کوئی حرج نہیں۔ حضوؐر نے فرمایا کہ کھانا کتنا ہے میں نے ذکر کر دیا اور کہاحضوؐر بس آپ کے لئے کھانے کا انتظام کیا ہے ۔ آپؐ نے وہاں موجود سب لوگوں سے فرمایا اے اہل خندق! جابرؓ نے ہمارے لئے دعوت کا انتظام کیا ہے چلو چلیں۔ لشکر کے سارے لوگ جو ایک ہزار کے قریب تھے کھانے کے لئے چل پڑے ۔جابرؓ کہتے ہیں کہ میں حیران وپریشان اورسخت نادم تھاکہ ایک ہزار کا لشکر اور چھوٹا سا بکروٹا۔ بنے گا کیا؟کہتے ہیں کہ میں نے گھر جا کر اطلاع کی تو بیوی سخت ناراض ہوئی اور کہا کہ حضوؐر نے تم سے کھانے کا پوچھ لیا تھاکہ کتنا ہے انہوں نے بتایا کہ حضورؐ کافرمان ہے کہ’’ روٹی تنور سے شروع نہ کرنانہ ہی ہنڈیا کو چولہے سے اتارنا اورہمارے آنے کا انتظار کرنا‘‘ جابرؓ نے بیوی کو بتایاکہ حضوؐر پورے لشکر کے ساتھ تشریف لے آئے ہیں حضورؐنے صحابہ سے فرمایا آرام سے داخل ہو۔ادھرروٹی بننی شروع ہوگئی تو حضورؐ خود ہاتھ سے روٹی توڑ کر اوپر گوشت رکھ کر صحابہ کو دیتے پھرہنڈیا ڈھانک دیتے۔ہنڈیامسلسل ابل رہی تھی اورآٹے سے مسلسل روٹی پک رہی تھی۔
سب اصحاب نے کھانا کھایابلکہ بعد میں کھانا بچ بھی رہا اور آنحضورﷺ نے جابرؓ کی اہلیہ سے فرمایا کہ یہ برکت والا کھانا ہے۔ مدینہ میں لوگوں کو بہت فاقہ پہنچا ہے، بھوک سے اُن کا بُرا حال ہے،اس لئے باقی کھانا مدینہ کے لوگوں میں تقسیم کردوتاکہ ان کی بھوک دور ہو۔ (8)
حضوؐر کے زیر تربیت رہ کر حضرت جابرؓ آپ ؐ کے قریبی بااعتماد ساتھی بن گئے۔ غزوۂ بنو مصطلق کے موقع پر جب لشکرروانہ ہونے لگا تو آنحضرتﷺ اونٹ پر سوار تھے مگر حضرت جابرؓ کو کسی کام کے لئے بھیجا ہواتھا۔آپ ان کا انتظار فرماتے رہے اور لشکر روانہ نہیںہوا جب تک حضرت جابر ؓ کا وہ خصوصی مہم سر کرکے واپس آنہیں گئے۔
غزوۂ ذات الرقاع میں بھی حضرت جابرؓ شریک تھے۔ اس سفر میں مسلمانوں کو صلوٰۃ الخوف پڑھنے کی بھی نوبت آئی۔چنانچہ حضرت جابرؓ نمازِ خوف پڑھنے کے طریقے بھی بیان کیا کرتے تھے۔
حضوؐر سے اونٹ کا سودااورقبولیت دعا
اس سفر سے واپسی کے موقع پر حضورؐ کی محبت اور شفقت کا ایک اور بہت ہی عجیب واقعہ حضرت جابرؓ کے ساتھ گزراجسے حضرت جابرؓ ایک خاص محبت بھرے انداز سے یوںبیان کیا کرتے تھے کہ ’’غزوہ ذات الرقاع سے واپسی پر میراسواری کا ا ُونٹ جو پانی ڈھونے والا تھا اَڑ گیا اور دیگر سواریوں کا ساتھ دینے سے رک گیا ایسا اَڑیل ہوا کہ اپنی جگہ سے ہلتا نہیں تھا۔ حضرت جابرؓ کہتے کہ میں دل ہی دل میں سخت اظہارافسوس اور ندامت کررہا تھا اور میرے منہ سے یہ فقرہ نکل گیا کہ وائے افسوس! ایسی سواری ملی ہے کہ میں لشکر میں سب سے پیچھے رہ گیا ہوں اور نہیں معلوم کہ اب یہ اونٹ چلتا بھی ہے کہ نہیں چلتا اور میرا کیا بنے گا، لوگوں سے پیچھے رہ جائوں گا۔آنحضرت ﷺجو پیچھے تشریف لارہے تھے، آپ نے جابرؓ کے افسوس بھرے کلمات سن لیے اور محبت سے فرمایا جابرؓکیا بات ہے؟کیا اظہار افسوس کررہے تھے، جابرؓکہتے ہیں کہ میں نے تو اپنی ایک خاص کیفیت میں وہ فقرے کہے تھے،جو مجھے لفظاًیادبھی نہ رہے تھے۔ میں نے عرض کیا کہ یارسولؐ اللہ! میرے اونٹ کا یہ حال ہے اور اس کی وجہ سے پریشان ہوکر میں اظہارافسوس کررہا تھا۔آنحضرت ﷺنے فرمایا کہ اچھا ! اُونٹ کو روک کر بٹھائو اور درخت سے اس کیلئے ایک چھڑی بنائو۔پھرحضورؐ نے وہ چھڑی ہاتھ میں لی، جابرؓ کو اُونٹ پر سوار کرواکے فرمایا کہ اب اس کی مُہارکو مضبوطی سے تھام لو،جابرؓ بڑی مضبوطی سے اس پرجم کر بیٹھ گئے اورآنحضرت ﷺنے پیچھے سے اُونٹ کو چھڑی سے ہانکنا شروع کیا ، پہلے تو اُونٹ نے اَڑی کی اور اپنی جگہ پریوںزورسے کودا کہ جابرؓبیان کرتے ہیں کہ اگر میں اُونٹ کے ساتھ چمٹ نہ گیا ہوتا تو لازماً اس سے نیچے گرپڑتا لیکن اس کے بعد تو اُونٹ کے اندرایسی تیزی آئی اوروہ ایسادوڑاکہ سب سے آگے وہ بھاگتا تھا جبکہ باقی سواریاں پیچھے رہنے لگیں اوریہ حضوؐر کی توجہ اور دعا کا کمال تھا۔‘‘
اب آنحضرت ﷺنے جابرؓ کے ساتھ ایک اور دل لگی کی۔ آپؐ اپنے اس خادم کے ساتھ محبت و پیارکا اظہار بھی کرنا چاہتے تھے۔اُسے کچھ انعام و اکرام سے بھی نوازنا چاہتے تھے۔ مگر جانتے تھے کہ جابرؓ رئیس کا بیٹا اور بڑا غیور ہے یوں کچھ قبول کرنا اور لینااس کی عزت نفس کے خلاف اور اس پر بوجھ ہوگا۔جابرؓ نے اس موقع پر یہ ذکر بھی کیا یا رسول اللہؐ میری نئی نئی شادی ہوئی ہے اجازت ہو تو میں قافلے سے آگے بڑھ کر پہلے مدینہ پہنچ جاؤں حضورؐ پہلے تو شفقت بھری باتیں کر نے لگے پھر فرمایا کہو شادی کہاں کی ہے۔ کنواری سے کی ہے یا بیوہ سے ؟ حضرت جابر ؓنے بتایا کہ بیوہ سے شادی کی ہے آپ ؐ نے انہیں چھیڑتے ہوئے فرمایا ہاں تمہیں کنواری عورتوں سے کیا غرض؟پھر فرمایا میاں !تم اس نو عمری میں کنواری لڑکی سے شادی کرتے ایک دوسرے سے ہنس کھیل بیٹھتے۔بیوہ سے کیوں شادی کر لی؟ حضرت جابرؓ نے عرض کیا یا رسول اللہؐ! میرے گھر میں نو بہنیں بھی تھیںجن کی کفالت میرے سپرد ہے میں نے سوچا اگر ان جیسی ایک اور نا تجربہ کار لڑکی بیاہ کر لے آؤں گا تو اور مشکل میں نہ پڑ جاؤں اس لئے ایک تجربہ کار عورت کو لے آیا ہوں جو ُان کا خیال رکھے گی کنگھی پٹی کرے گی اور میرا گھر بھی سنبھالے گی۔حضورؐ نے فرمایا ’’اچھا اللہ تعالیٰ اس میں برکت ڈالے‘‘ اب آنحضورﷺنے غیور حضرت جابرؓ کی مددکسی تحفہ کی صورت میں کرنا چاہی ۔ پیار ومحبت بھری باتیں کرتے ہوئے فرمایا جابر اچھا بتاؤ یہ اونٹ جو اڑیل سا ہے، چلتا بھی نہیں مجھے بیچتے ہو ۔ جابرؓ کہتے ہیں جب وہ اونٹ رک گیا تھا تومیں نے اس سے تنگ آکر یہاں تک سوچا تھا کہ اس اونٹ کو یہیں چھوڑے جاتا ہوں پھر جب وہ کچھ چلنے لگا تو میں نے کہا کہ چلو اب تواس کو لے کر جانا ہی ہو گا۔اب حضورؐ نے فروخت کرنے کا پوچھا تو میں نے کہا یا رسول اللہ ؐمیں اس کو بیچ ہی دیتا ہوں فرمایا ’’کتنے میں بیچو گے؟‘‘ پھر خود ہی دل لگی کرتے ہوئے فرمانے لگے ایک درہم میں بیچتے ہو؟ حضرت جابرؓ نے کہا کہ حضور صرف ایک درہم؟( اس زمانے میں اونٹ مہنگے ہوتے تھے اور درہم ایک روپیہ ہی تھا) جابرؓ نے کہا نہیں ایک درہم توکچھ بھی نہ ہوا۔ آپ ؐ نے فرمایا ’’یہ اونٹ چلتا توتھا نہیں ایک درہم ہی کافی ہے‘‘ پھر فرمایا ’’چلو دو درہم ہی لے لو۔‘‘ ’’اچھا تین درہم لے لو۔‘‘ یوں اپنے اس صحابی سے محبت پیار بھرے انداز میں دل لگی کرتے کرتے کہا اچھا تم ہی بتاؤ کیا لو گے؟تو جابرؓ نے کہا کہ میں تو کم از کم اس کا ایک اوقیہ یعنی چالیس درہم لوں گا فرمانے لگے لو ’’ایک اوقیہ!اس اونٹ کی قیمت ایک اوقیہ؟‘‘ یہ بھی کوئی اونٹ ہے چلتا تھا نہیں۔ہے بھی پانی ڈھونے والا جانور ! اور قیمت پوچھو تو ایک اوقیہ! پھر فرمانے لگے اچھا اب تم نے مانگا ہے تو ایک اوقیہ ہی سہی۔ میں یہ قیمت دے دوں گا۔حضرت جابرؓ کہتے ہیں کہ میں بہت خوش ہوا۔ اونٹ سے اتر آیا اور اس کی مہار حضوؐر کو تھمادی کہ لیجئے اب یہ آپ کا ہوا۔ آپؐ نے فرمایا! نہیں نہیں تم اس پر سوار ہو کر مدینہ تک جا سکتے ہو بے شک وہاں پہنچ کر یہ میرے حوالے کر دینا۔
حضرت جابرؓ کہتے ہیں کہ صرار مقام پر میں نے حضورؐ سے لشکرسے قبل مدینہ چلے جانے کی اجازت چاہی تو فرمایا کہ رات تک انتظار کر لو تا کہ عورتیں گھروں میں تیاری کر لیں۔نیز آپؐ نے جابرؓ کو اولاد کے حصول کی سعی کے لئے کمال حکمت سے توجہ دلائی۔جابرؓ کہتے ہیں کہ میں مدینہ پہنچا تو اپنے ماموں کو بتایا کہ میرا اونٹ اڑیل ہو گیا تھا لہذااسے بیچ دیا۔چونکہ وہ گھر کا پانی ڈھونے والا اونٹ تھا اسلئے ماموں بھی ناراض ہوئے۔مدینہ پہنچ کر میں نے کہا کہ اچھا اب یہ اونٹ بھی حضورؐ کے حوالے کرنا ہے میں مسجد نبوی گیا۔ جب جابرؓ وہ اونٹ لے کر مسجد نبوی پہنچے تو آپ ؐنے فرمایا’’ اے جابرؓ تم نے سفر سے آکر دو رکعت نفل پڑھے ہیںیہ حضوؐر کی سنت تھی۔ جابرؓ کو بھی اس کی نصیحت کی۔ چنانچہ انہوں نے دو رکعتیں ادا کیں۔ پھر رسول اللہﷺ نے اپنے خزانچی بلالؓ کو بلاکر فرمایا ایک اوقیہ کی رقم میں نے جابرؓ کو دینی ہے وہ اسے ادا کر دو۔ اور ایک اوقیہ سے زائد اس کو وزن کر دینااورخود حضورؐ اونٹ کے ارد گرد چکر لگانے لگے اسے دیکھ کر فرماتے ’’واہ بھئی واہ! کیا عمدہ اونٹ ہم نے جابرؓ سے خریدا ہے۔خوب! عمدہ اونٹ ہے۔ بہت ہی اچھا بھئی!کیا خوب اونٹ ہے جو ہم نے صرف ایک اوقیہ میں جابرؓ سے خرید لیا ۔‘‘ جابرؓ کہتے ہیں کہ میں بلال ؓکے ساتھ گیا انہوں نے مجھے نہ صرف ایک اوقیہ دیا بلکہ حضورؐکے ارشاد کے مطابق ایک قیراط زائد بھی دے دیا۔ میںنے دل میں سوچا کہ رسول اللہ ﷺنے مجھے جو زائد قیراط دیا ہے اس کو کبھی خرچ نہیں کروں گا۔اسے میں بچا کے رکھتا رہا اور ایک زمانے تک اس کو سنبھال کے اس کی بہت برکتیں بھی حاصل کیں۔ بعد میں واقعہ حرّہ 64ھ؁ میں مدینہ پر حملہ کے دوران وہ قیراط کہیں ضائع ہو گیا۔گویا جابرؓ نے قریباً نصف صدی سے زائد عرصہ وہ قیراط سنبھال کے رکھا۔جب میں نے حضور ؐ کے پاس آکر عرض کیا یا رسول اللہﷺ اب یہ آپ کا اونٹ ہے اور رقم میں نے بلالؓ سے وصول پالی ہے۔یہ کہہ کر میں جانے لگا تو آنحضورؐ نے مجھے آواز دیکر واپس بلا یا ’’ادھر آؤ‘‘ مجھے ڈر لگا کہ کہیں یہ اب اپنا سودا واپس تو نہیں کرنے لگے ۔آپؐ نے مجھے بلا کر کہا کہ جابرؓ! میں ایسا ہر گز نہیں ہوں کہ تمہارے اونٹ پر قبضہ کر لوں۔ جاؤ اپنا اونٹ بھی لے جاؤ اورقیمت بھی لے جاؤ۔یہ دونوں چیزیں تمہاری ہوئیںہماری طرف سے تحفہ!اور اس غزوہ میں باقی لوگوں کے ساتھ جابرؓکا مال غنیمت میں جوحصہ بنتا تھاوہ انہیںالگ عطا فرمایا۔کہتے ہیں کہ میں حضوؐر کی شفقتوں پر حیران اور خوشی سے پھولے نہ سما تاتھا۔ راستہ میں مجھے ایک یہودی ملا۔میں نے اس یہودی کو خوشی میں یہ سارا قصہ کہہ سنایا کہ میرے ساتھ خوب ہوئی ۔آنحضورﷺ کو اونٹ بیچا تھا آپؐ نے پیسے بھی واپس کر دیے اور اونٹ بھی ۔ وہ یہودی مجھے تعجب اور حیرت سے کہتا تھا کہ اچھا واقعی یہ اونٹ تم سے خریدا تھا پھر اونٹ بھی تمہارے حوالے کر دیا ہے اور قیمت بھی واپس کر دی ۔(9)
حضرت جابرؓ بیان کرتے تھے کہ یہی شفقتیں عمر بھر میں نے آنحضرتﷺسے دیکھی ہیں۔ اسی اونٹ کے واقعہ والی رات آنحضورﷺنے پچیس مرتبہ میرے لیے استغفار کیا اور اللہ سے بخشش چاہی(10)
حضرت جابرؓ نے 94 سال لمبی عمر پائی۔ خلافت راشدہ کازمانہ بلکہ بعد میں ان امراء کا زمانہ بھی دیکھا جس کے بارے میں حضورؐنے فرمایاتھا کہ’’ ظالم اور جابر حاکم ہوں گے۔‘‘بلکہ حکومتی جبر وتشدد کا کچھ سامنا بھی آپ کو کرنا پڑا لیکن نہایت صبر اور استقامت کے ساتھ وہ زمانہ بھی گزار دیا۔
ان کی مہمان نوازبیوی( جن کا ذکرہو چکا ہے۔) سہیلہ بنت مسعوؓد تھیں۔ ان سے کوئی اولاد نہیں ہوئی۔ دوسری اہلیہ ام حارث حضرت محمدبن مسلمہ ؓانصاری قبیلہ اوس کے معزز رئیس کی بیٹی تھیں۔ ان سے اولاد عطا ہوئی۔حضرت جابرؓ نے آنحضرتﷺسے کثرت سے احادیث سنیںبلکہ جوانی کا زمانہ زیادہ تر آپؐ کی شفقتوں اور محبتوں کے زیر سایہ سفرو حضر میں گزارا۔چنانچہ حضرت جابرؓ کی روایات کی تعداد پانچ سو سے بھی زائد ہے۔ آنحضرت ﷺکی احادیث سننے کا اورعلم حاصل کرنے کا شوق بھی خوب تھا۔
چنانچہ آپؐ نے ملک شام اور مصر کے بعض طویل سفر محض حصول علم کی خاطرکیے اوروہاں جا کر احادیث سن کر پھر آگے بیان کیں۔ مسجد نبوی میں آپ کا حلقہ درس تھا جس میں لوگ آپ سے علم حدیث حاصل کرتے۔(11)آنحضرتﷺکے احسانوں اور شفقتوں کا یہ عالم تھا کہ جابرؓ ایک دفعہ بیمار ہوئے آنحضورﷺان کی بیمار پرسی کے لئے تشریف لے گئے۔جابرؓ نے عرض کیا یا رسولؐ اللہ میری اولاد کوئی نہیں صرف بہنیں ہیں۔ میں کلالہ کی حالت میں مر رہا ہوں اور وصیت کرنا چاہتا ہوں کہ میری بہنوں کو یہ دو تہائی مال مل جائے۔ معلوم ہوتا ہے آنحضرتؐنے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کے بعد اطلاع پا کر فرمایا جابرؓ! میں اللہ تعالیٰ سے امید رکھتا ہوں کہ اس بیماری میں تمہاری موت نہیں ہو گی۔لیکن یوں تم اپنی بہنوں کے لئے اگروصیت کرنا چاہتے ہو توکر سکتے ہو۔اور پھر جابرؓ نے وہ وصیت کردی۔
عطائے رسولﷺ
حضرت جابرؓ بیان کرتے ہیں کہ ایک موقعہ پر حضورؐ نے مجھے مال دینے کا وعدہ فرمایا کہ اے جابر بحرین کی طرف سے بہت مال آئے گا اور پھر میں تمہیں اس طرح دوں گا اور حضورؐ نے اپنے دونوں ہاتھ بھر بھر کر اشارہ کیا کہ اس طرح دوں گا۔ اور تین دفعہ آنحضرت ﷺ نے ایسا کیا۔آپؐ کی زندگی میں توبحرین کا مال نہیں آیا حضرت ابو بکرؓ کی خلافت میں بحرین فتح ہوا اور اموال آئے تو حضرت ابو بکرؓ نے منادی کرا دی کہ اگر آنحضرتﷺکا کسی سے کوئی وعدہ تھا کہ آپؐ انہیں کچھ عطا فرمائیں گے تو وہ آئے اور آج مجھ سے اپناوعدہ پورا کر لے۔حضرت جابرؓ حضرت ابو بکرؓ کی خدمت میں حاضر ہوئے۔اور عرض کیا کہ آنحضورﷺ نے مجھ سے یہ وعدہ فرمایاتھا۔حضرت ابو بکرؓ نے فرمایا کہ جتنا مال حضورؐ نے فرمایا تھا اتنا اپنے دونوں ہاتھ بھر بھر کر لے لو۔حضرت جابرؓ کہتے ہیں کہ میں نے پہلے دونوں ہاتھ بھرکر مال اٹھایا پھردوسری دفعہ پھر تیسری دفعہ ہاتھ بھرکر لے لئے۔بعد میں اسے شمار کیا تو یہ ڈیڑھ ہزاردرہم کے قریب مال تھا۔ یہ آنحضرتﷺکے حضرت جابرؓ کے ساتھ احسانات کا وہ سلسلہ ہے جو حضوؐر کی وفات کے بعد آپ کے خلفاء کے ذریعے بھی جاری رہا۔
روایات حدیث
جابرؓ کی ایک اور روایت قراء ت کے متعلق ہے وہ بیان کرتے ہیں کہ ہم آنحضرت ﷺسے قرآن سیکھتے تھے۔ اس میں اعرابی بھی تھے اور فصیح وبلیغ عربی بولنے والے بھی آنحضور ﷺہم سب سے قرآن سنتے تھے اورہمیشہ ہمیں سہولت اختیار کرنے کی تعلیم دیا کرتے اگر اعرابی اپنے لہجے میں پڑھ رہے ہوتے توآپ اپنے خاص انداز میں فرماتے کہ ٹھیک ہے یوں پڑھو آپ قرآن پڑھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے اور فرماتے کہ اس طریق سے پڑھنا درست ہے۔یہ گویا قرآن شریف پڑھنے کی ترغیب اور سہولت کی تعلیم تھی۔
حضرت جابرؓوتر پڑھنے کے وقت سے متعلق ایک اہم روایت بیان کرتے ہیں کہ ایک دفعہ ابوبکرؓ سے آنحضرتﷺنے پوچھا کہ آپ وتر رات کے پہلے حصے میں پڑھ لیتے ہو یا آخری حصہ میں حضرت ابو بکرؓ نے بتایا کہ میں تو پہلے حصہ میں پڑھ لیتا ہوں۔ حضرت عمرؓ نے عرض کیا کہ یا رسول اللہؐ میں تو آخری حصہ میں پڑھتا ہوں اس پر فرمایا کہ ابو بکرؓپختہ بات کے عادی ہیں اور حضرت عمرؓ توکّل کرنے والے ہیں۔ یوں دونوں اصحاب کا طریق اپنے اپنے رنگ میں آنحضورﷺ نے سراہا ہے۔
حضرت جابرؓ کی ایک روایت میں ادائیگی قرض کی تلقین کا ذکر ہے ۔ وہ بیان کرتے ہیں کہ ایک موقع پر ایک صحابی پر دو دینار کا قرض تھا۔نبی کریم ﷺنے فرمایا میں تو اس کی نماز جنازہ نہیں پڑھاؤں گا۔ ایک صحابی نے عرض کیا یا رسولؐ اللہ میں وہ دینار اپنے ذمہ لیتا ہوں تب آنحضرتﷺ نے وہ جنازہ پڑھایا۔ بعد میں اگلے دن اس صحابی سے پوچھا کہ وہ جو دو دینار اپنے ذمہ لئے تھے وہ قرض ادا بھی کر دیا کہ نہیں؟ اس سے ادائیگی قرض کی اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے۔
حضرت جابرؓنے دین میں جبرواکراہ کی نفی کے بارے میں بھی ایک بہت عمدہ روایت بیان کی ہے کہ آنحضرتﷺ فرماتے تھے کہ مجھے حکم دیا گیا ہے کہ جن لوگوں کے ساتھ ہماری جنگ شروع ہو چکی ہے ان سے یہ جنگ اس وقت ختم ہو جائے گی جب وہ کلمہ پڑھ کر لَا اِلٰہ اِلَّا اللّٰہُ کہہ دیں گے گویا کلمہ پڑھ لینا ہماری تلواروں کو روک دے گا۔ یہ فیصلہ ہمارا کام نہیں کہ وہ کلمہ دل سے پڑھ رہے ہیںیا محض زبان سے بلکہ فرمایا کہ کلمہ پڑھنے کے نتیجے میں ان کے یہ حقوق قائم ہو جائیں گے اوروہ اپنے خون اور اموال ہم سے بچا لیں گے اور پھر ان کا حساب اللہ کے ذمے ہے۔ اللہ کے ساتھ ان کا معاملہ ہے کہ صدق دل سے کلمہ پڑھا ہے یاپھر حضورﷺ قرآن شریف کی یہ آیت پڑھا کرتے تھے (الغاشیہ:22)کہ مجھے اللہ تعالیٰ کی طرف سے یہی تعلیم ہے ’’ہم نے تو نصیحت کرتے چلے جانا ہے،اپناپیغام پہنچاتے چلے جانا ہے۔آگے وہ لوگ نصیحت پکڑتے ہیں یا نہیں۔ ہمیں ان پر نگران یا داروغہ بناکر نہیں بھیجا گیا کہ ان کے دلوں کو چیر کردیکھیں کہ آیا انہوں نے دل سے کلمہ پڑھا ہے یا نہیں،بلکہ ان کایہ کلمہ قبول کرکے تمام اسلامی حقوق ادا کرنے ہیںاوراگر ان سے حالتِ جنگ میں ہوںتو اپنی تلوار یں روک کر اُن سے لڑائی ختم کردینی ہے،کجا یہ کہ کسی کلمہ گو کے ساتھ لڑائی یا جنگ کا سلسلہ شروع کیا جائے۔(12)
حضرت جابرؓ کی دیگر کثیرروایات میں رسول کریم ؐکے ساتھ سفر وحضر کے متعدد واقعات وحالات ہیں۔ آداب معاشرت ،بیع و شراء کے آداب اور حضوؐر کی بے تکلف مجالس کے تذکرے! جابرؓ کہتے ہیں کہ ایک دفعہ حضور ؐ نے ایک سفر میں فرمایا کہ کالی کالی پیلوں توڑ کر لائو یہ بڑی میٹھی ہوتی ہیں، کہتے ہیں میں نے حضورؐ سے کہا آپؐ کو بھی کیسے یہ پتہ ہے تو حضورؐ نے فرمایا کہ ہاں میں نے بھی جنگل میںبکریاں چرائی ہیں۔ ہم نے پوچھا یارسول اللہؐ آپؐ نے کب بکریاں چرائی تھیں؟ آپؐ نے فرمایا کہ نبی بھی تو چرواہے ہی ہوتے ہیں اور اللہ تعالیٰ نے ہر نبی سے یہ کام کروایا ہے۔ گویاجن سے دنیا کی اور لوگوں کی نگرانی کا کام لینا ہوتا ہے اُن سے تجربہ کے طور پر اللہ تعالیٰ یہ کام بھی لے لیتا ہے۔
قیام خلافت کے بارہ میں یہ روایت بھی حضرت جابرؓ سے مروی ہے کہ رسول کریمﷺنے فرمایا ’’میرے معاً بعد خلفاء ہونگے خلفاء کے بعد امراء اوران کے بعد بادشاہ اوران کے بعدجابر اورظالم حکمران۔ ان کے بعد میرے اہل بیت سے ایک شخص ہوگا جو زمین کو عدل سے بھردے گا۔
آخری عمرمیں حضرت جابرؓ نابینا ہوگئے تھے۔94سال کی عمر میں آپؓ کی وفات ہوئی ۔ آپؓ مدینہ میں فوت ہونے والے آخری صحابی تھے۔(13) آپ کی زندگی کا خلاصہ دولفظوں میں عشقِ رسول اوراتباع سنت ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اس پاکیزہ اسوۃپرچلنے کی توفیق عطافرمائے۔آمین




حوالہ جات
1-
اسد الغابہ جلد1ص256تا257
2-
ابن سعد جلد3 ص563
3-
مسلم کتاب الفضائل باب من فضائل عبداللہ بن حرام
4-
الطبقات الکبریٰ ابن سعد جلد 3ص562
5-
ترمذی کتاب المناقب باب مناقب جابر
6-
ترمذی کتاب التفسیر سورۃ آ ل عمران
7-
بخاری کتاب البیوع وکتاب الاستقراض
8-
بخاری کتاب المغازی باب غزوۂ الخندق
9-
بخاری ،کتاب البیوع، کتاب الوکالہ ،کتاب الاستقراض ،کتاب المظالم
کتاب الھصبہ ،کتاب المغازی،کتاب النکاح،کتاب الطلاق
10-
ترمذی کتاب المناقب باب مناقب جابرؓؓ
11-
الاصابہ جز 1 ص223
12-
ترمذی کتاب التفسیرباب من سورۃ الغاشیہ
-13
الاصابہ جز1ص223،استیعاب جلد1ص 293

حضرت براء بن عازب انصاریؓ
تعارف
حضرت براء ؓ بن عازب انصارمدینہ کے قبیلہ اوس کی شاخ بنوسلمہ میں سے تھے۔ کنیت ابوعمارہ تھی بعض نے ابو عمرو بھی کنیت بتائی ۔براء کے والد عازبؓ کو بھی صحابیت کا شرف حاصل تھا۔
حضرت برائؓ ہجرت مدینہ کے وقت کم سن بچے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ غزوہ احدمیں بوجہ کم سنی شرکت نہ کرسکے۔خود بیان کرتے ہیں کہ حضرت عبداللہ بن عمرؓکو اور مجھے کم سنی کے باعث بدر میں شرکت کی اجازت نہ ملی تھی اور ہمیں واپس کر دیاگیا۔پھر احد یا خندق میں اجازت مل گئی تو اس میں شریک ہوئے۔(1)
غزوات میں شرکت
حضرت برائؓ کا بیان ہے کہ رسول کریمﷺکے ساتھ چودہ یا پندرہ غزوات میں شرکت کی توفیق ملی۔حضرت برائؓ نے غزوات کے علاوہ رسول اللہ ﷺکے سفروں میںبھی فیض صحبت سے حصہ پایا۔ وہ بجا طورفخر سے اپنی اس سعادت کا ذکر کرتے تھے کہ مجھے رسول کریمﷺکے ساتھ اٹھارہ سفروں میں شریک ہونے کا موقع ملا۔(2)
حضرت برائؓ نے صلح حدیبیہ اور بیعت رضوان میں بھی شرکت کی سعادت پائی۔وہ سفر حدیبیہ کا یہ تاریخی واقعہ بھی بیان کیا کرتے تھے کہ میدان حدیبیہ میں رسول اللہﷺ کاپڑائوتھا۔ مسلمانوں کے پاس پانی ختم ہوگیا۔نبی کریمﷺ نے ایک تیر دیکر انہیں حدیبیہ کے خشک کنوئیں کی طرف بھجوایا کہ اس میں ڈال دیں۔پھر رسول اللہﷺ کی دعا کی برکت سے اس تیر کو کنوئیں میں ڈالنے سے پانی جوش مار کر نکلنے لگا۔ بعض دوسری روایات میں تیر لے کر کنوئیں میںاترنے والے کا نام ابن جندب بھی بیان ہواہے۔
حضرت برائؓ بن عازب کو حضرت عمرؓ کے زمانہ میں مختلف مہمات میں کامیاب شرکت کی توفیق ملی۔ 24ھ میں فتح رَے کی سعادت عطا ہوئی۔(3)
ایرانیوں کے ساتھ جنگ تستر میں حضرت برائؓکو شریک ہونے کا موقع ملا۔ حضرت علیؓ کے ساتھ جنگ جمل صفین اورنہردان میں شریک ہوکر خوارج کے خلاف قتال کیا۔(4)
خشیت اور انکسار
حضرت برائؓ آنحضرتﷺکے فیض صحبت سے تربیت یافتہ تھے۔ بعد کے زمانہ میں ایک دفعہ حضرت مسیّب ؓ ان سے ملے اور کہا مبارک ہو۔ آپؓ نے رسول کریمﷺکی صحبت و رفاقت پائی پھر حدیبیہ کے تاریخی موقع پر بیعت رضوان کی توفیق ملی۔ حضرت برائؓ نے سن کر جواب دیا اے میرے بھتیجے! تمہیں کیا پتہ اس کے بعد ہم نے کتنی نئی باتیں پیدا کرلی ہیں۔(5)
حضرت برائؓ اپنے والد،حضرت ابوبکرؓ و عمرؓ اور دیگر بزرگ صحابہ کے واسطے سے احادیث روایت کرتے تھے اور کسی اظہار فخر کی بجائے نہایت عاجزی سے کہا کرتے کہ ’’جتنی احادیث ہم تمہارے پاس بیان کرتے ہیں یہ سب ہم نے خود رسول اللہﷺ سے نہیں سنیں ہم تو اونٹوں وغیرہ کے چرانے میں مصروف رہتے تھے۔ یہ احادیث ہم نے بزرگ صحابہ سے سنیں اور بیان کرتے ہیں۔(6)
غیرت وعشق رسولﷺ
حضرت برائؓ بن عازب رسول اللہﷺ کے عاشق صادق تھے اور آپؐ کیلئے سچی غیرت رکھتے تھے رسول اللہﷺ کی مدینہ تشریف آوری کا ذکر کرتے ہوئے بتاتے تھے کہ اس روز مدینہ کے لوگ اتنے خوش تھے کہ اس سے پہلے کبھی اتنے خوش نہ ہوئے تھے ۔بچے بھی کہتے پھرتے تھے رسول اللہﷺ آگئے۔رسول اللہﷺ آگئے۔(7)
نبی کریمﷺکا حلیہ کمال محبت میں ڈوب کربیان کرتے اورکہتے ’’رسول اللہ ﷺ کا درمیانہ قد تھا۔ سینہ چوڑا،سیاہ بال کانوں کی لو تک تھے۔ ایک دفعہ آپؐ نے سرخ پوشاک زیب تن فرمائی تو اتنے حسین لگے کہ کبھی میں نے رسولؐ اللہ سے خوبصورت کوئی شخص نہیں دیکھا۔‘‘(8)
ذوق بہت لطیف تھا ایک دفعہ کسی نے حضرت برائؓ سے پوچھا کہ’’ کیا رسول اللہﷺ کا چہرہ تلوار کی دھار کی طرح چمک دار تھا۔ کہنے لگے نہیں بلکہ چاند کی طرح روشن تھا۔‘‘(9)
ایک دفعہ کسی نے پوچھا ’’اے براء ؓ کیا غزوہ حنین میں تم لوگ رسول اللہﷺ کو چھوڑ کر بھاگ گئے تھے۔‘‘ انہوں نے بڑی غیرت سے جواب دیا ’’ مگر رسولؐ اللہ کے قدم پسپا نہیں ہوئے۔ ہوازن کے تیراندازوں کے اچانک حملہ اور تیروں کی بوچھاڑ سے ہم پیچھے ہٹے مگر رسولؐ اللہ سفید خچر پر سوار یہ نعرہ لگاتے آگے بڑھتے رہے کہ میں نبی ہوں یہ جھوٹ نہیں اور میں عبدالمطلب کا بیٹا ہوں۔‘‘ (10)
حضرت برائؓ کو قرآن سے بھی بہت محبت تھی اور رسول کریم ﷺ کی یہ حدیث سنایا کرتے تھے کہ آپؐ نے فرمایا کہ’’ قرآن کو اپنی آوازوں سے زینت دو اور سنوار کر پڑھو۔‘‘(11)
حسن تلاوت کا عمدہ ذوق پایا تھا ۔ بیان کرتے تھے کہ میں نے عشاء کی نماز میں نبی کریمﷺ کو سورۃ التین پڑھتے سنا، اور رسول کریمﷺکی تلاوت سے بہتر کوئی آواز میں نے نہیں سنی۔(12)
حضرت برائؓ اللہ ،رسول اور قرآن سے محبت کے ساتھ حقوق العباد کا بھی خیال رکھتے تھے ۔ بیان کرتے تھے کہ رسول کریمﷺنے ہمیں سات باتوں کا حکم دیا تھا۔
عیادت مریض،جنازے کے ساتھ جانا،چھینک کا جواب دینا،سلام کا جواب دینا،کسی کی قسم پوری کرنا،دعوت قبول کرنا،مظلوم کی امداد کرنا
اس طرح سات باتوں کی ممانعت کا بھی ذکر کرتے تھے جسمیں سونا چاندی اور ریشم کی پانچ اقسام شامل ہیں۔
حضرت برائؓ نے دینی مسائل خوب سمجھ کر بیان کئے،مثلاً قربانی کے بارہ میں بتاتے تھے کہ رسول کریمﷺ نے چار قسم کے جانوروں کی قربانی کو جائز نہیں فرمایا۔جس کی آنکھ ضائع ہوچکی ہو،جو لنگڑی ہو،واضح بیمار ہو،لاغر دبلی پتلی جس کی ہڈی میں گودا نہ ہو۔(13)
آخری عمر میں کوفہ میں گھر بنایا اور یہیں آباد ہوئے حضرت مصعبؓ بن عمیر کی امارت کے زمانہ میں کوفہ میںہی72ھ میں وفات پائی۔(14)

حوالہ جات
1-
اسد الغابہ جلد1ص 172،اصابہ جز1ص 147
2-
اصابہ جز1ص 172
3-
اسد الغابہ جلد1ص 171،172
4-
اصابہ جز 1ص 147،استیعاب جلد 1ص 240
5-
بخاری کتاب المغازی باب غزوۃ الحدیبیہ
6-
مسند احمد جلد 4ص 283
7-
مسند احمد جلد4ص 284
8-
مسند احمد جلد 4ص 281،390
9-
مسند احمد جلد4ص 281
10-
مسند احمد جلد 4ص 284
11-
مسند احمد جلد 4ص 283
12-
مسند احمد جلد 4ص 302
13-
ابن حبّان جلد 2ص 81
-14
اصابہ جز 1ص 147

حضرت براء بن مالک انصاریؓ
خاندانی تعارف
حضرت برائؓ کے والد مالک بن نضرؓتھے جوحضر ت ام سلیمؓ کے شوہر اورحضرت انس بن نضر ؓ شہید احد کے بھائی تھے ۔جو اپنی بیوی ام سلیم ؓ کے قبول اسلام پر ناراض ہوکر شام چلے گئے ۔براء ؓ کی والدہ بعض روایات کے مطابق توام سلیمؓہی تھیں۔اس لحاظ سے وہ انس بن مالک کے سگے بھائی تھے بعض دیگر روایات کے مطابق براء ؓ انسؓ کے والد کی طرف سے بھائی تھے اور ان کی والدہ سحماء تھیں۔(1)
انس بن نضر شہید احد کے یہ بھتیجے،خوش آوازتھے ۔وہ رسول اللہﷺ کے مردوں کے قافلہ کے حدی خواں ہوتے تھے،عورتوں کے حدی خواں انجشہ تھے۔(2)
شجاعت
حضرت برائؓ نے احد،خندق وغیرہ میں تمام غزوات میں شرکت کی۔صرف بدر میں شامل نہ ہوسکے تھے۔ نہایت بہادر،شجاع اور نڈر تھے۔ حضرت عمرؓ فرماتے تھے کہ برائؓ کو مسلمانوںکے کسی لشکر کی قیادت نہ دینا کیونکہ یہ دشمن پر ہلاکت بن کر ٹوٹ پڑتے ہیں۔(3)
ایران کے ساتھ جنگ خصوصاً فتح تسترمیں یہ بات بڑی شان سے پوری ہوئی۔مسیلمہ کذاب کے ساتھ ہونے والی جنگ یمامہ میں بھی ان کی بہادری کے زبردست کارنامے مشہور ہوئے۔
حضرت ابوبکرؓ کے زمانہ میںمسیلمہ کذاب کا خروج ہوا۔وہ بنو حنیفہ کے چالیس ہزار مسلح لوگوں کے ساتھ مسلمانوں کے مقابل آیا۔ مسیلمہ نے محض دعویٰ نبوت ہی نہیں کیا تھابلکہ نئی شریعت ایجاد کرکے حرام کو حلال کیا،بعض نمازیں معاف کرکے زکوۃ سے انکار اور اسلام سے بغاوت کا اعلان کرکے امن و امان کا مسئلہ پیدا کر رہا تھا۔ اس بناء پر حضرت ابوبکرؓ نے اس بغاوت کی سرکوبی ضروری سمجھی۔
حضرت ابوبکرؓ نے حضرت خالدؓ بن ولید کی سربراہی میں لشکر بھیجا اس میں حضر ت برائؓ بھی تھے۔ جنہوں نے حضرت خالدؓ کے دست راست بن کر خدمات انجام دیں۔
ایک موقع پر حضرت خالدؓ بن ولید نے براء ؓ کی بہادری کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان سے کہا کہ آپ لوگوں کو مقابلہ کیلئے تیار کریں چنانچہ وہ گھوڑے پر سوار ہوئے اور اس طرح خطاب کیا۔
یَااَھْلَ الَمْدِیْنَۃِ لَا مَدِیْنَۃَ لَکُمُ الْیَوْمَ۔اے مدینہ والو ! آج مدینہ کا خیال چھوڑ دو بس یہ یاد رکھو کہ اللہ ایک ہے اور اس کی خاطر جان قربان کرنے کے عوض جنت تمہاری منتظر ہے۔
اس پرجوش تقریر کے بعد صحابہ نے مل کر ایساحملہ کیا کہ اہل یمامہ پسپا ہونے لگے اورپھرایک قلعہ نما باغ میں محصور ہوگئے ۔حضرت برائؓ نے اپنے دستہ سے کہا کہ ’’مجھے اٹھاکر قلعے کے اندر پھینکو میں تن تنہا اندرجاکردشمن سے جنگ کروں گا اور قلعہ کا دروازہ کھلوا کے دم لوں گا۔‘‘ اور پھر برائؓ کو اٹھا کر باغ کی دیوار پر چڑھایا گیا۔وہ چھلانگ لگا کر اندر اترے اورواقعی موت بن کر دشمن پر جھپٹے۔انہوں نے قلعہ کا دروازہ کھولنے کیلئے سردھڑ کی بازی لگا دی۔ اس دوران انہیں نیزوں ،تیروں اور تلواروں کے اسیّ سے زیادہ زخم آئے کہ سب دشمنوں کا نشانہ برائؓ کی ذات تھی۔ مگر بالآخر بہادر برائؓ نے قلعہ کا دروازہ کھلوا کے چھوڑا۔
اس دوران برائؓ کا مقابلہ یمامہ کے سردار محکم سے ہوا جو بہت بہادر سورما شمار ہوتا تھا۔ حضرت برائؓ خود بیان کرتے تھے کہ ’’وہ ایک بھاری بھرکم پہلوان تھا،جسے حمار الیمامہ یعنی یمامہ کا گدھا بھی کہتے تھے۔ اس کے ہاتھ میں سفید تلوار تھی۔ میں نے اس کی ٹانگوں پر حملہ کیا۔ مگر میرا وار خطا گیا البتہ اس صدمہ سے وہ اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور گدی کے بل گرا۔ میں نے اپنی تلوار میان میں ڈال لی اس کی تلوار لے کر پے درپے اس پر وارکئے یہاں تک کہ اسے ٹکڑے ٹکڑے کر ڈالا۔‘‘اس دوران براء ؓ خود بھی زخمی ہوگئے ۔انہیں تلواروں اور نیزوں کے اسّی سے زیادہ زخم آئے۔ حضرت خالد ؓ بن ولید نے یہاں ایک مہینہ پڑائو کیا یہاں تک کہ براء ؓ کے زخم اچھے ہوگئے۔(4)
بہادرانہ کارنامے
حضرت انسؓ حضرت برائؓ کی بہادری کا یہ واقعہ بیان کرتے ہیں کہ ’’عراق میں دشمن کے قلعوں میں سے کسی کا محاصرہ تھا۔ دشمن نے محاصرین کو خوفزد ہ کرکے بھگانے کی ایک عجیب ترکیب ڈھونڈھ نکالی۔انہوں نے لوہے کی زنجیروں کے ساتھ کنڈیاں اور نوچنے والی ہکیں لگا کر ان کو آگ میں دھکا کر مسلمانوں کے لشکر پر پھینک کر ان کا کوئی نہ کوئی آدمی اچک لیتے۔ایک ایسے ہی حملہ میںلوہے کی کنڈیاںحضرت انسؓ بن مالک کے کپڑوں میں پھنس گئیں۔ دشمن نے کھینچ کر انہیں زمین سے اٹھالیا قریب تھا کہ وہ انہیںدیوار سے پرے کھینچ لیتے۔ کسی نے برائؓ کو اطلا ع کی کہ اپنے بھائی کی خبرلو۔ وہ دوڑے آئے ۔دیوار سے لٹک کر اس گرم زنجیر کو پکڑلیا جو سخت گرم تھی اور کھینچے جانے کی وجہ سے ان کے ہاتھ زخمی کررہی تھی حتیٰ کہ ان کے ہاتھوں کے جلنے سے دھواں اٹھنے لگا۔ مگر برائؓ نے اسے نہیں چھوڑا یہاں تک کہ اس زنجیر کو کاٹ کر دم لیا۔ پھر جودیکھا تو ہاتھوں کی ہڈیاں نکل آئیں تھیں اور ساراگوشت جل کر اڑ گیا تھا۔ مگر اللہ تعالیٰ نے آپ کے بھائی خادم رسولؐحضرت انسؓ کو آپ کے ذریعہ دشمن سے نجات دی۔(5)
حضرت برائؓ کی غیرمعمولی شجاعت اور دلیری کا اندازہ انکے آخری عمر کے اس واقعہ سے خوب ہوتا ہے۔ جوان کے بھائی حضر ت انسؓ کا بیان کردہ ہے۔ ان کا سچا جذبہ شہادت بھی اس سے خوب ظاہر ہوتا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ایک دفعہ میں ان کے ہاں ملاقات کیلئے گیا تو وہ پشت کے بل لیٹے کچھ شعر گنگنا رہے تھے۔ (غالباً ان میں خواہشِ شہادت اور اس سے محرومی کا ذکر ہوگا جیسا کہ اگلی گفتگو سے ظاہر ہے) حضرت انسؓ نے میدان جہاد کے کارناموں کی یاد تازہ کرواتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو اس خواہش سے بڑھ کر عطا کیا ہے جس پر آپ کو مطمئن ہونا چاہیے۔انہوںنے کہا آپ کا کیا خیال ہے کہ مجھے بستر پر موت آئے گی۔ خدا کی قسم ایسا ہرگز نہ ہوگا اللہ تعالیٰ مجھے شہادت سے ہرگز محروم نہیں رکھے گا اور جہاں تک بہادری کا سوال ہے میں تن تنہا میدان جہاد میں دعوت مبارزت دے کر ایک سو مد مقابل ہلاک کر چکا ہوں اور دوسروں کے ساتھ ملکر میدان جہاد میں جو مارے وہ اس کے علاوہ ہیں۔گویا میں موت سے نہیں ڈرتا اور ایک روز میری شہادت کی آرزو ضرور بر آئے گی۔(6)
شوق شہادت
کتنے سچے تھے حضرت برائؓاپنی آرزوئے شہادت میں بلاشبہ وہ انہیں میں سے تھے جن کے بارہ میں قرآن شریف میں یہ تعریفی ذکر ہے ۔ ۔(الاحزاب:24)کہ ان میں سے کچھ تو اپنی خواہش پوری کر چکے ہیں اور کچھ ہیں جو انتظار کررہے ہیں۔براء ؓ نے شہادت کیلئے ایک زمانہ انتظار کیا۔ یہاں تک کہ حضرت عمرؓ کے زمانہ میں ایران سے جنگ شروع ہوئی۔
اس کے علاوہ ان کی بہادری کے کئی واقعات ہیں ۔ 10ھ میں ایرانی حاکم مکعبر فارسی جو کسریٰ کا والی تھا قلعہ بند ہوگیا۔ حضرت علاء ؓ حضرمی حاکم بحرین نے حضرت ابوبکرؓ کے زمانہ میں کوشش کی مگر اسے فتح نہ کر سکے پھر حضر ت عمرؓ کے زمانہ میں فتح کیا۔ مکعبر مارا گیا۔ وہ لوگوں کے ہاتھ کاٹا کرتا تھا اسی وجہ سے مکعبرنام پڑا۔حضرت برائؓ بن مالک وہ بہادر صحابی تھے جنہوں نے جنگ میں اس کوہلاک کیا۔(7)
اس دورکامشہور معرکہ قلعہ تستر کی فتح ہے جس میں حضرت برائؓ نے ایرانیوں کے بہت بڑے جرنیل سے مقابلہ کرکے ہلاک کیااور اس کے اسلحہ پر قبضہ کرلیا۔بالآخر ایرانیوں کو اس معرکہ میں شکست اٹھانی پڑی۔
مغربی ایران میں تسترخوزستان کا شہرتھا حضرت عمرؓ کی طرف سے اس طرف حضرت ابوموسیٰ اشعریؓ مقابلہ کیلئے بھجوائے گئے۔کیونکہ یہاں ایرانی فوج بڑی تیاری کے ساتھ جمع ہوچکی تھی۔ ان کے لشکر کے میمنہ پر برائؓ بن مالک اور میسرہ پر مجزء ہؓ تھے۔ گھوڑ سوار دستے پر انسؓ۔ اہل تستر سے بڑی شدیدجنگ ہوئی۔ حضرت انس ؓنے اس موقع پر کہا کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا ہے کہ بعض دفعہ ایک پراگندہ باتوں والا آدمی قسم کھاتا ہے اور اللہ اسے پورا کر دتیا ہے اور میرے رب !میں تجھے قسم کھاکرعرض کرتا ہوں یا تو ان لوگوں کو ہمارے زیر کر دے اور پھر مجھے موت دے کر اپنے نبی ؓ سے ملا دے۔(8)یہ کہہ کر انہوں نے حملہ کیا اور بہت بڑے ایرانی جرنیل کو مار گرایا۔ اہل بصرہ و کوفہ نے مل کر حملہ کیایہاں تک کہ تستر کے دروازے پر پہنچے۔ جہاں برائؓ بن مالک نے تلوار زنی کے جوہر دکھائے۔ یہاں تک کہ ھرمزُان کے ہاتھوں شہید ہوئے۔ (9)
حضرت برائؓ کی شہادت 20یا 23ھ میں حضرت عمر ؓ کی خلافت میں ہوئی۔ تستر میں ہی حضرت برائؓ کی قبر ہے۔(10)
حوالہ جات
-1
اسد الغابہ جلد 1ص 37
-2
اصابہ جز 1ص 147،مسنداحمدجلد 3ص 254
-3
اسد الغابہ جلد 1ص 171
-4
استیعاب جلد 1ص 239،اصابہ جز 1ص 148،اسدالغابہ جلد 1ص 171
-5
طبرانی بحوالہ مجمع الزوائدص 325,324
-6
طبرانی بحوالہ مجمع الزوائد جلد 9ص 324،اصابہ جز 1ص 148
-7
معجم البلدان زیر لفظ بحرین
-8
ترمذی کتاب جلد4ص 400
-9
مجمع البلدان زیرتستر
-10
اصابہ جز1ص 148

حضرت طلحہ بن براء انصاریؓ
بیعت اورعشق رسولؐ
حضرت طلحہ ؓ بن براء انصاری بنی عمرو بن عوف کے حلیف تھے۔ نبی کریمﷺہجرت کرکے مدینہ تشریف لائے تو یہ نو عمر لڑکے تھے،رسول اللہﷺ کو پہلی مرتبہ دیکھتے اور ملتے ہی حضورؐ کی گہری محبت ان کے دل میں گھر کر گئی جس کے نتیجہ میں وہ دیوانہ وار آپ ؐ کے قریب ہوکر چمٹ جاتے اور آپ ؐ کی قدم بوسی کرتے۔ نبی کریمﷺایک نوجوان لڑکے میں اچانک یہ تبدیلی پاکر حیران ہوئے اور مسکرائے بھی۔ اس نے عرض کیا یا رسولؐ اللہ ! آپ مجھے جو چاہیں حکم دیں میں کبھی آپ کی نافرمانی نہیں کروں گا پھر عرض کیا کہ’’اپنا ہاتھ بڑھائیں اور میری بیعت قبول کریں۔‘‘آپ ؐ نے ازراہ امتحان فرمایا کہ’’ خواہ میں والدین سے قطع تعلق کا حکم دوں تو بھی مانو گے‘‘ یہ سوچ میں پڑ گئے۔کہتے ہیں کہ حضرت طلحہؓ اپنی والدہ سے بہت محبت اور احسان کا سلوک کرنے والے تھے۔دوسری بار پھر بیعت کیلئے عرض کیاتو یہی جواب ملا۔ تیسری مرتبہ عرض کیا تو آپؐ نے پوچھا پھر کس چیز کی بیعت کرتے ہو ؟ انہوں نے کہادین اسلام قبول کرنے اور آپؐ کی اطاعت کرنے کی بیعت! آپؐ نے فرمایا’’ اچھا جائو اور اپنے باپ کو قتل کرکے آئو۔‘‘اب طلحہ اٹھے اور تعمیل ارشادکیلئے چل پڑے۔رسول کریمﷺنے واپس بلوایا اور فرمایا ’’مجھے قطع رحمی کرنے اور رشتوں کے کاٹنے کیلئے نہیں بھیجا گیا ۔ میں نے چاہا تھا کہ تمہاری آزمائش کروں کہ بیعت میں شک و شبہ کی کوئیکسر تو باقی نہیں۔‘‘
ابن شاہین نے طلحہ ؓ بن براء کے قبول اسلام کا قصہ برائؓ بن مالک کی طرف منسوب کیا ہے۔ (ممکن ہے برائؓ بن مالک نام کے دوسرے صحابی بھی ہوں)(1)
شفقت رسولؐ
پھر نبی کریمﷺکو بھی اپنے اس اطاعت شعار صحابی سے ایک عجیب محبت و الفت ہوگئی۔ کچھ عرصہ بعد جب طلحہؓ بیمار ہوگئے تو سخت سردی کے ایام اور بارش کا موسم تھا۔ نبی کریمﷺاس کے باوجود طلحہؓ کے گھر ان کی بیمار پرسی کیلئے تشریف لے گئے ۔ آ پؐ نے انہیں مدہوشی کی حالت میں پایا اور فرمایا ’’جب انہیں ہو ش آجائے تو مجھے بلوا لینا۔‘‘
دوسری روایت میں ہے کہ حضور ؐ نے فرمایا ’’مجھے لگتا ہے کہ طلحہؓ موت کے اس حملہ سے جانبر نہ ہوسکیں گے اگر وفات ہوجائے تو مجھے اطلاع کر دینا اور جلدی دفن کرنا کیونکہ مسلمان کی میت کو گھر میں روک رکھنا اچھا نہیں۔‘‘(2)
حضرت طلحہ ؓآدھی رات کے قریب ہوش میں آئے تو اپنے آقاکا خیال آیا اور پوچھا کیا رسول اللہﷺ میری عیادت کیلئے تشریف لائے تھے۔ اہل خانہ نے حضورؐ کی آمد کا ذکر کیااور ہوش میںآنے پر انہیںبلوالینے کی بات بتائی۔وہ کہنے لگے اب آدھی رات کے وقت حضوؐر کو نہ بلائو۔ مجھے رات کے وقت بلوانے میںآپ کے بارہ میں ایک تویہود کی طرف سے بھی خطرہ ہے دوسرے یہ خدشہ ہے کہ کوئی سانپ بچھو اندھیری رات میں نقصان نہ پہنچائے۔پھر کہا
’’اگر آج رات میری موت واقع ہو جائے تو رسول اللہ ﷺکی خدمت میں میرا سلام عرض کرنا اور میرے لئے اللہ تعالیٰ سے بخشش طلب کرنے کی درخواست کر دینا۔‘‘ادھر رسول کریمﷺ کو بھی اپنے اس غلام صادق کی فکر تھی۔
دعائے رسولؐاورانجام بخیر
فجر کی نماز کے بعد آنحضرت ﷺ نے لوگوں سے طلحہؓ کا حال پوچھا تو پتہ چلا کہ وفات پاگئے ہیں آپ نے فوراً دعا کی۔ اَللَّھُمَّ اَلْقِہُ یَضْحَکُ اِلَیْکَ وَ اَنْتَ تَضْحَکُ اِلَیْہِ۔کہ اے اللہ اس سے اس حال میں ملاقات کرنا کہ تو ا س سے خوش ہو اور وہ تجھ سے خوش ہو۔
دوسری روایت میں ہے کہ رسول اللہ ﷺنے فرمایا مجھے اس کی موت کی اطلاع کرنا تاکہ میں خود جنازہ میں شامل ہوں او رتدفین جلدی کرنا۔رات جلد تدفین کے باعث حضوؐرکواطلاع نہ ہو سکی اور نبی کریمﷺ بنی سالم بن عوف نہ پہنچ سکے۔ خود حضرت طلحہؓ کی بھی یہی وصیت تھی کہ مجھے جلد دفن کر دینا اور میرے رب کے پاس مجھے پہنچا دینا۔
پھر صبح کے بعد نبی کریمﷺحضرت طلحہؓ کی قبر پر تشریف لے گئے ۔صحابہ نے صف بنائی۔ آپؐ نے طلحہؓ کی نماز جنازہ پڑھائی اوران کی خواہش کے مطابق دعائے مغفرت کی۔بلاشبہ حضوؐر کی طلحہ ؓ کے حق میںیہ دعاکہ اے اللہ تو انہیں خوش کر اور راضی ہو اس مناسبت سے تھی کہ حضوؐر خود ان سے راضی تھے۔ (3)
حوالہ جات
1-
اصابہ جز 1ص 149
2-
ابودائود کتاب الجنائز
3-
طبرانی بحوالہ مجمع الزوائد جلد 9ص 365،اصابہ جز 2ص 288,289
اسد الغابہ جلد 3ص 56,57

حضرت انس بن مالکؓ
نام ونسب
حضرت انسؓ انصار کے ایک معزز قبیلہ بنو نجار کے چشم وچراغ تھے۔سلسلہ نسب خاندان نبوت تک پہنچتا ہے۔ والدہ ام سلیمؓبنت ملحان رسول ؐخدا کی رشتہ میں خالہ تھیں۔آپ دس سال قبل ہجرت یثرب میں پیدا ہوئے۔ان کے والد اپنی بیوی کے قبول اسلام سے ناراض ہو کر شام چلے گئے اور وہیں وفات پائی۔ادھر حضرت ام سلیمؓ نے حضرت ابوطلحہؓ سے اسلام قبول کرنے کی شرط پر شادی کر لی(یہی ابو طلحہؓاحد کے تیر انداز ہیں)۔حضرت انس ؓکا نام ان کے چچا انس بن نضرؓکے نام پر رکھا گیا تھا۔ وہی انس بن نضرؓہیں جو میدانِ احد میں بے جگری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔اسّی سے اوپر زخم کھائے۔ان کی لاش کا مثلہ کیاگیاتھاپہچانی نہ جاتی تھی۔بہن نے انگلی کی نشانی سے پہچاناتھا۔
خدمت رسولؐ
سرورِکائنات ؐ جب یثرب تشریف لائے تو کم سن انسؓرسول خداﷺ کو خوش آمدید ومرحبا کہنے والے خوش قسمت بچوں میں پیش پیش تھے اور پر جوش ہو کر مسرت وشادمانی کے عالم میں’’جاء رسول اللہ‘‘کا نعرہ بلند کر رہے تھے۔گویا ساری کائنات سمٹ کر ان کے گھر آ گئی ہو۔اور پھر اس وقت تو حضرت انسؓ خوشی سے پھولے نہ سماتے تھے جب آپ کی والدہ ام سلیمؓنے آپ کو خدمت نبویؐ میں پیش کیا اور عرض کی تھی۔ ’’ھٰذَا اَنَس غُلاَم یَخدُمُکَ‘‘
حضوؐر!یہ بچہ انس آپ کی خدمت کرے گااور انس خادم رسولﷺکے مبارک لقب سے یاد کئے جانے لگے۔وہ اس پر فخر کیا کرتے تھے اور کیوں نہ کرتے۔درِنبویؐکی گدائی سے بڑھ کر فخر کا کیا مقام ہو گا ۔(1)
آپ نے خدمت رسولؐ کا حق ادا کر دیا۔ فجر سے قبل خدمتِ اقدس میں حاضر ہوتے۔ حضورؐ کے لئے وضو کے پانی کا انتظام کرتے۔دوپہر کو گھر آتے پھر خدمت نبویؐ میں حاضر ہو جاتے۔ رسول اللہﷺ کے گھروں میں آتے جاتے اور کے تمام ضروری امور سر انجام دیتے۔ایک دفعہ نبی کریمﷺ نے آپ کو کسی ضروری کام کے لئے بھیجا اور فرمایاکہ کسی سے ذکر نہیں کرنا۔والدہ نے پوچھا تو کہا کہ حضورؐنے منع فرمایا ہے ۔سبحان اللہ! ماں بھی کیسی عظیم تھیں فرمانے لگیںبیٹا! آنحضورﷺنے جو ارشاد فرمایا ہے اس پر پورا عمل کرنا اور یہ راز کسی پر نہ کھولنا۔
حضرت انسؓنے اس خادمانہ تعلق کو صرف وفات رسولؐ ہی جدا کر سکی۔آپ نے اس تعلق کی بدولت دینی و دنیاوی برکات حاصل کیں۔ رسول خداﷺ نے ان کے حق میں دعا کی تھی
’’اَللّٰھُمَّ اَکْثِرْ مَالَہٗ وَ وَلَدَہٗ وَبَارِکْ لَہٗ فِمَا اَعطَیْتَہٗ وَاَدْخِلْہُ فِی الْجَنَّۃِ‘‘
کہ’’ اے خدا انسؓ کے مال و اولاد میں برکت دے اور جو کچھ تو اسے عطا کرے اس میں بھی برکت دے اور اسے جنت میں داخل کر!‘‘
خدا کے پیارے نبیﷺکے منہ سے نکلی بات نوشتہ تقدیر بن گئی۔انسؓ کا باغ سال میں دو بار پھل دیا کرتا تھا۔آپ انصار میں سب سے زیادہ مالدار تھے اور اولاد کی تعداد آپ کی حیات بابرکات میں سو سے تجاوز کر گئی تھی۔فرمایا کرتے تھے’’دو باتیں تو آنکھوں سے پوری ہوتی دیکھ لیں۔تیسری بات یعنی جنت کا امیدوار ہوں‘‘۔(2)
دیگر دینی خدمات
حضرت انسؓ رسول اللہ ﷺکی زندگی میں آپ کے خادم خاص کی حیثیت سے تمام غزوات میں شامل ہوئے اور آپؐ کی وفات کے بعد خلفاء راشدین سے کامل اطاعت اور خدمت کا تعلق استوار رکھا۔حضرت ابوبکرؓ نے انہیں بحرین میںصدقات کا افسر مقرر کیا۔حضرت عمرؓ نے اپنے زمانہ میں علمِ دین سکھانے کیلئے آپ کو متعین فرمایا۔علاوہ ازیں خلفاء کے عہد میں ہونے والے تمام معرکوں میں بھی حضرت انس ؓشریک ہوئے۔’’جنگ تستر‘‘میں آپ پیدل فوج کے افسر اعلیٰ تھے۔فتح کے بعد آپ ہی سالار اعظم ہر مزان کو بار گاہ خلافت میں اسلامی سپہ سالار حضرت ابو موسی ٰاشعری ؓکے ارشاد پر لے گئے تھے۔بعد میں بصرہ میں مستقل سکونت ہو گئی۔ فتنہ وفساد کے ایام میں آپ نے اپنا دامن آلودہ نہ ہونے دیا ۔ ایک دفعہ بدبخت حجاج نے آپ سے بد سلوکی کی۔ لوگوں میں ذلیل کرنے کی غرض سے گردن پر مہر لگوادی اور مزید سزا کی دھمکی دی۔ حضرت انس ؓ نے اطلاعاََ اموی خلیفہ عبدالملک کو خط لکھا ۔ عبدالملک نے حجاج کو سخت تنبیہ کی اور حضرت انس ؓسے معافی مانگنے کا حکم دیا۔ حجاج معافی کا خواستگار ہوا تو آپ نے اس کے کہنے پر ایک پروانہ خوشنودی خلیفہ کے نام دے دیا۔(3)
عشق رسولؐ
حضرت انسؓ کو آنحضرت ؐ سے غایت درجہ عشق اور محبت تھی۔آپ کے پاس رسول اللہﷺ کا ایک موئے مبارک تھا۔وفات کے وقت فرمایا میری زبان کے نیچے رکھ دینا اور اسی طرح آپ دفن ہوئے۔رسولِ خداﷺ کی ایک چھڑی بھی آپ کے پاس تھی۔آپ کی وصیت کے مطابق وہ بھی آپ کے پہلو میں دفن کی گئی۔سبحان اللہ!محبوب کی جوشے بھی میسر تھی اس سے بوقت وفات بھی جدائی گوارا نہ کی تو رسول اللہﷺکی جدائی ان پر کیسی شاق گزری ہو گی۔وفات رسولؐکے بعد دیوانہ و بے خود ہو جاتے کہ اگر حسان کی پتلی نہ رہی تھی تو انسؓ کانور نظر بھی تو جاتا رہا تھا۔اس حد درجہ محبت کا نتیجہ تھا کہ اکثر خواب میں ’’خادم رسول‘‘اپنے آقا سے ملاقات کیا کرتا۔آقاؐکی باتیں سناتے تو الفاظ میں نقشہ کھینچ کر رکھ دیتے۔(4)
رسول کریمﷺکا حلیہ مبارک بیان کرتے تو ایک ایک خدوخال پر روشنی ڈالتے۔آپ کا بیان کانوں میں امرت گھول دیتا۔ایک دفعہ محبوب کی باتیں کرتے کرتے بے اختیار ہو کر کہہ اٹھے کہ’’قیامت کے روز رسول اللہﷺ کا سامنا ہو گا تو عرض کروں گا کہ غلام حاضر ہے‘‘۔
جب مجلس میںذکر رسول ﷺکرتے آقاؐکے لئے بے چین ہو جاتے تو گھر جا کر تبرکات نبویؐنکالتے اور یوں دل بہلاتے۔یہی جذبہ عشق رسولﷺآپ نے اپنے شاگردوں میں بھر دیا تھا اور اسی حبّ رسول کا نتیجہ تھا کہ آپ اتباع سنت کا خاص اہتمام فرماتے۔حضرت ابو ہریرہؓفرماتے ہیںکہ’’میںنے (انس)ابن سلیم سے بڑھ کر کسی کو آنحضرت ﷺسے مشابہ نماز پڑھتے نہیں دیکھا‘‘۔
حضرت انسؓاپنی دس سالہ خدمت رسول ﷺکاخلاصہ یوں بیان کرتے تھے کہ ’’رسول اللہﷺنے دس سال کے طویل عرصہ میں مجھے کبھی جھڑکا تک نہیں۔کبھی کسی غلطی یا تساہل پر زجروتوبیخ نہیں فرمائی‘‘۔
والدین کی طرح لاڈاور پیار کی خاطر حضورؐانسؓ کو ’’بیٹا‘‘ او ر ’’انیس‘‘کہہ کر پکارتے۔کبھی ازراہ مذاق ’’یَاذَالاُذُنَینِ‘‘یعنی دو کانوں والا کہہ کر یاد فرماتے۔
حمزہ ایک مٹر کی قسم کی سبزی کا نام ہے جسے آپؓچنا کرتے تھے۔حضورؐاسی وجہ سے ازراہ شفقت و محبت آپ کو ابو حمزہ کہا کرتے تھے اور پھر آپ اسی کنیت سے مشہور ہو گئے۔(5)
حضرت انسؓ فرماتے ہیںکہ’’آنحضرتﷺ ازواج مطہراتؓکے علاوہ صرف آپ (انسؓ) کی والدہ کے گھر جایا کرتے تھے۔کبھی کبھی وہاں دوپہر کو آرام بھی فرماتے۔کھانا تناول فرماتے‘‘۔
حضرت ام سلیمؓ خصوصاًاہم مواقع پرآنحضرت ﷺ کے خانگی امور سرانجام دیا کرتیں۔ حضرت زینبؓکے دعوت ولیمہ کا اہتمام آپؓنے ہی کیا تھا۔
قبولیت دعا
حضرت انسؓ مستجاب الدعوات بزرگ تھے۔جعفر راوی ہیں کہ ایک دفعہ گرمی کے موسم میں حضرت انسؓ کی زمینوں کا منشی (کاردار)حاضر ہوا اور عرض کی کہ زمین خشک پڑ گئی ہے۔آپ کھڑے ہوئے۔وضوکیا۔باہر نکل کر دورکعت نوافل ادا کئے اور دعا کی۔دیکھتے ہی دیکھتے آسمان پر بادل گھر آئے۔خوب بارش ہوئی۔پل بھر میںجل تھل ہو گیا۔جب بارش تھمی تو حضرت انسؓنے ایک آدمی بھیجا کہ زمین میں جا کر دیکھو بادل کتنا برسا ہے۔دیکھا تو آپ کی زمین کے آگے بارش نہ تھی۔(الاَّماشاء اللہ)(6)
علمی خدمات
حضرت انسؓسے کثرت کے ساتھ احادیث مروی ہیں۔ سیرین، حمیدالطویل، ثابت البنانی، قتادہ،حسن بصری،زہری اور دوسرے بے شمار تابعین آپ سے روایت کرتے ہیں۔آپ کی کل روایات کاشمار ہزاروں تک پہنچتا ہے۔ بخاری میں حضرت انس ؓسے اسّی احادیث مروی ہیں۔ صحیح مسلم میں ستراور متفق علیہ روایات کی تعداد یکصد اٹھائیس ہے۔آپ نے خود رسول خداﷺ کے علاوہ خلفائے راشدین،حضرت فاطمہؓ،حضرت ابی بن کعبؓ،حضرت عبدالرحمان بن عوفؓ، حضرت ابن مسعودؓ، حضرت ابوذرؓ،حضرت ابو طلحہؓ،حضرت عبداللہ بن رواحہؓ،حضرت معاذرضوان اللہ علیھم اجمعین وغیرہم سے اکتساب علم کیا۔شاگردوں میں حسن بصری،سعید ابن جبیر،یحیٰ بن سعید انصاری وغیرہ معروف ہیں۔
حضرت انسؓ روایت حدیث میں صاحب اصول صحابہ میں سے تھے جو روایت میں بہت احتیاط برتتے۔حدیث بیان کرتے وقت خوف کی حالت طاری ہو جاتی اور ازراہ احتیاط یہ الفاظ استعمال فرماتے کہ:۔ ’’قَالَ اَوکَمَا قَالَ رَسُولُ اﷲِ صَلَّی اﷲ عَلَیہِ وَسَلَّمَ‘‘
یعنیاس طرح یا جیسا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا
علم حدیث کے علاوہ علم فقہ میں بھی آپ کو ایک خاص مقام حاصل تھا۔ فقہاء کے تین طبقوں میں سے آپ دوسرے طبقہ میں شمار ہوتے۔
حق گوئی و بے باکی اور تلقین عمل آپ کے نمایاں اوصاف تھے۔ آپ عموماً خوشبو استعمال کرتے۔ بلا کے تیر انداز تھے۔ اپنے بچوں سے تیراندازی کا مقابلہ کرتے اور اکثر ان سے سبقت لے جاتے۔ بصرہ میں سب سے آخری صحابی آپ ہی تھے۔ اسلام کے سراج منیر سے براہ راست فیض حاصل کرنے والا یہ آخری کو کب درّی بھی 110سال تک ایک عالم کو ضیاء بخشنے کے بعد سماء اسلام میں غروب ہوگیا۔ اسی موقع پر مورق نے کہا تھا’’آج نصف عالم جاتا رہا۔‘‘
بصرہ سے تقریباً چھ میل کے فاصلہ پر ’’طُف‘‘ مقام میں آپ نے وفات پائی اور وہیں دفن ہوئے۔ قطن بن مدرک الکلابی نے آپ کی نماز جنازہ پڑھائی اور خادم رسول اپنے آقاؐ کے حضور حاضر ہوگیا۔ (7)

حوالہ جات
1-
اصابہ جز 1ص 71،74
2-
ترمذی کتاب المناقب باب انسؓ بن مالک
3-
اسد الغابہ جلد1ص 128
4-
اصابہ جز1ص 72
5-
ترمذی کتاب مناقب باب انسؓ بن مالک
-6
اصابہ جز1ص 72
-7
اسد الغابہ جلد1ص 128،129

حضرت سلمان فارسیؓ
نام ونسب
رسول اللہﷺ کے آزاد کردہ غلام حضرت سلمان فارسی ؓ ملک ایران کے شہر رامہرمز یا اصفہان کے باشندے تھے۔ وہ آب الملک کی نسل سے تھے۔ نسب نامہ یہ ہے ، مابہ بن بوذ خشان بن مورسلان بن بہبوذان بن فیروز بن سھرک۔
اسلام سے پہلے ایران کے مجوسی اور آگ پرست مذہب سے تعلق تھا، نیک فطرت اور طبیعت کی ازلی سعادت انہیں تلاش حق کے طویل سفرکے بعد بالآخررسول اللہﷺ کے قدموں میں لے آئی۔ اس دوران انہوں نے کئی ملکوں کی خاک چھانی،کئی راہبوں اور نصرانی رہنمائوں کی صحبت میں رہے۔بعض یہودی مالکوں کے پاس غلام رہ کر قیام کیا۔ آخر مدینہ پہنچ کر تحقیق حق کے بعد اسلام قبول کرنے کی توفیق پائی۔
ان سے جب نسب کے بارہ میں پوچھا جاتا تو کیا خوبصورت جواب دیتے کہ’’ میں اسلام کا بیٹا سلمان ہوں۔‘‘ اور اس میں کیا شک ہے کہ وہ خدا اور اس کے دین کی خاطر اپنے وطن اور آبائواجداد کو چھوڑ کر ہمیشہ کیلئے اسلام کے کامل فرمانبرداربن گئے تھے۔ تبھی تو رسول کریمﷺنے فرمایا’’ سَلمَانُ مِنَّا اَھلَ الْبَیتِ کہ سلمان ہمارے اہل بیت سے ہے۔‘‘ کتنا خوش قسمت تھا سلمانؓ جس نے عجمی ہوکر رسولؐ عربی سے اطاعت ووفا کاایسا ناطہ جوڑا کہ آپ کے روحانی اہل بیت میں شامل ہوگیا۔ تبھی تو اصحاب رسولؐ انہیں’’ سلمان الخیر‘‘ کے لقب سے یاد کرتے تھے گویا ان کا وجود خیر و بھلائی کا مجسمہ تھا۔(1)
سورۃ جمعہ کے نزول کے موقع پر جب رسول کریمﷺسے سوال ہوا کہ وَآخَرِیْنَ مِنْھُمْ (الجمعہ:4)سے دوسرا کونسا گروہ مراد ہے جس میں رسول اللہ ﷺنے دوبارہ مبعوث ہو کرتعلیم و تزکیہ فرمائیں گے۔ آپؐ نے اسی اسلام کے بیٹے حضرت سلمانؓ کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر فرمایا تھا’’لَوْ کَانَ الاِ یْمَانُ عِنْدَ الَثُّرَیَّا لَنَا لَہٗ رَجُلٌ اَو قَالَ رِجَالٌ مِنْ ھٰؤُ لَائِِ(2)کہ اگر ایمان ثریا ستارے کی بلندی پر بھی اٹھ گیا تو سلمانؓ کی قوم سے ایک مرد یا کچھ لوگ اسے واپس زمین پر اتار لائیں گے۔ ‘‘
حضرت سلمانؓ کی زندگی کی کہانی جہاں ایک مذہبی آدمی کیلئے سبق آموز اور ایمان افروزہے وہاں ایک عام انسان کیلئے بھی نہایت دلچسپ ہے۔ان کی آپ بیتی خود انہی کی زبانیمختلف و متفرق روایات کو جمع کرنے سے جو روپ دھارتی ہے۔وہ کچھ یوں ہے۔
آپ بیتی
’’میں(سلمان) اصبہان کی بستی حبّی کا رہنے والاایک ایرانی ہوں۔ میرے والد علاقہ کے زمیندار تھے،میں ان کی پیاری اولاد تھا۔ وہ مجھے دنیا کی ہرچیز سے زیادہ چاہتے تھے۔ اسی وجہ سے گھر سے باہر ایک قدم نہ رکھنے دیتے۔لڑکیوں کی طرح گھر میں رکھ کر میری پرورش کی۔ میں نے فارسی زبان سیکھی اور مجوسی مذہب کے متعلق بڑی محنت سے کافی معلومات حاصل کیں۔ یہاں تک کہ آتش کدہ کا مستقل خادم بن گیا جس کا کام اس کی آگ کو ہمہ وقت روشن رکھنا اور کسی لحظہ بھی بجھنے نہ دینا تھا۔
میرے باپ کی بہت بڑی جاگیر تھی۔ ایک روز وہ اپنی عمارت کی تعمیر کے کام میں مصروف تھے۔ مجھے کہاکہ آج میں اس عمارت کی مصروفیت کے باعث زمینوں پر نہیں جاسکتا۔ تم جاکر کام دیکھ آئو مگر زیادہ دیر نہ کرنا کہ مجھے جاگیر سے زیادہ تمہاری فکر ہوجائے۔ وہاں جو کام وہ کروانا چاہتے تھے اس کے متعلق مجھے ہدایات دیں۔میں گھر سے زمینوں پر جانے کے ارادے سے نکلا، راستہ میں عیسائیوں کے گرجا کے پاس سے گزرا تو ان کی آوازیں سنیں وہ دعا و مناجات کررہے تھے۔ چونکہ والد نے مجھے گھر میں ایک طرح سے قید ہی کر رکھا تھا اس لئے مجھے باہر کے لوگوں کے معاملات کا زیادہ علم نہیں تھا،آواز سن کر اندر گیا کہ دیکھوں وہ کیا کر رہے ہیں ۔ ان کی عبادت کا طریق مجھے اچھا لگا۔ میرا میلان ادھر ہوگیا،اور ان کے بارے میں میری دلچسپی بڑھ گئی ۔ میں نے دل میں کہاخدا کی قسم! یہ مذہب ہمارے آتش پرست دین سے کہیں بہتر ہے۔ واللہ! میں ان سے جدانہ ہوسکا۔ یہاں تک کہ سورج غروب ہوگیا۔ نہ تو میں زمینوں میں جاسکا اور نہ ہی گھر واپس لوٹا۔ادھر میرے والد کو میرے دیر تک گھر نہ پہنچنے سے پریشانی لاحق ہوئی اور انہوں نے میری تلاش میں لوگوں کو بھیجا۔
دین کا شوق
نصرانی مذہب مجھے پسند آیا میں نے مسیحیوں سے پوچھاکہ اس دین کا مرکز کہاں ہے، انہوںنے کہا ملک شام میں۔
ادھر میرے والد تمام کاموں سے بیزار مسلسل میری تلاش میں تھے۔ میرے واپس آجانے پر انہوںنے مجھے کہا بیٹے تم کہاں چلے گئے تھے؟ میںنے تمہیں جلد لوٹنے کی تاکید نہیں کی تھی؟ میں نے کہا پیارے ابا! میں ایک گرجے کے پاس سے گزرا جس میںکچھ لوگ عبادت کر رہے تھے۔ اسے دیکھ کر مجھے ان کا مذہب بہت پسند آیا۔میں شام تک وہیں رکا رہا۔ مجھے لگتا ہے کہ ان کا دین ہمارے دین سے کہیں بہتر ہے۔ میرے والد بولے بیٹے! اس دین میں کوئی خیر و بھلائی نہیں ۔ تمھارا اپنا دین اور تمھارے آبائواجداد کا دین اس سے کہیں بہتر ہے۔ میںنے کہا خدا کی قسم! ہرگز نہیں،وہ دین ہمارے دین سے بہرحال بہتر ہے۔ تب ابا نے مجھے بہت ڈرایا۔ میرے پائوں میں زنجیریں ڈال دیں۔ مجھے گھر میں قید کر دیا ۔
سفرشام
قید کے دوران نصرانیوں نے مجھ سے رابطہ کیامیں نے انہیں پیغام بھجوایاکہ جب تمہارے پاس شام سے عیسائی تاجروں کا کوئی قافلہ آئے تومجھے اس کی اطلاع کرنا۔ میں نے انہیں بتادیاتھا کہ میں ان کا مذہب درست سمجھتا ہوں اور ان سے درخواست کی کہ مجھے ملک شام جانے والے کسی شخص کا پتہ دیں۔ اس کے بعد ان کے پاس شام کے عیسائی تاجروں کا ایک وفد آیا تو انہوں نے مجھے اس کی اطلاع کی۔ میں نے کہاجب یہ قافلہ اپنے تجارتی کام ختم کرکے واپس اپنے ملک جانے لگے تو مجھے دوبارہ اطلاع کرنا۔ واپسی کے وقت انہوں نے پھرمجھے اطلاع کی۔ میں نے اپنے پائوں سے زنجیریں اتار پھینکیں اور ان کے ساتھ شریک سفر ہوکر ملک شام جاپہنچا۔
دوسری روایت میں ملک شام تک پہنچنے کی بعض اورتفصیلات حضرت سلمانؓ کی زبانی اس طرح ہیںکہ ہمارا تعلق مجوسی مذہب سے تھا۔ میری بستی کے لوگ سیاہ و سفید گھوڑے کی پوجا کرتے تھے جس کی کچھ حقیقت نہ تھی۔اہل جزیرہ کا ایک عیسائی جب ہمارے علاقہ سے گزرتاتو ہمارا مہمان ٹھہرتا تھا۔ اس سے راہ و رسم تھی۔ رفتہ رفتہ اس نے ہمارے علاقہ میں اپنا گرجابھی بنالیا۔میں اس زمانہ میں فارسی لکھنا پڑھنا سیکھ رہا تھا۔ ایک اورلڑکا بھی میرے ساتھ پڑھتا تھا ایک دن وہ روتا ہوا آیا اور یہ بتایا کہ اس کے والد نے اسے اس گرجا میں جانے کی وجہ سے مارا ہے۔اس نے کہا کہ تم بھی کبھی گرجے آئو تو بہت خوبصورت باتیں سنو گے۔ چنانچہ اس کے ساتھ مجھے بھی گرجا جانے کا موقع ملا۔دراصل جب سے میں نے ہوش سنبھالی میرے دل میں اللہ تعالیٰ نے جستجوپیدا کردی کہ آسمانوں اور زمین کو کس نے پیدا کیا ہے؟اس راہب سے ہم نے آسمانوں اور زمین کی پیدائش اور جنت و جہنم اور بہترین مذاہب کے بارے میں پوچھا اس نے کہا کیا تم اپنا دین چھوڑو گے؟ میں نے کہا ہاں اگر وہ افضل دین ہواورآسمان و زمین کے خالق کا پتہ دے۔الغرض اس نے ہمیں بہت عمدہ جواب دئے۔ میں اس کے پاس زیادہ آنے جانے لگا،میرے ساتھی طالب علموں کو پتہ چلا تو وہ بھی ساتھ آنے لگے۔ ہماری بستی والوں نے یہ دیکھا تو انہوں نے نصرانی سے کہا کہ اگرچہ تم اچھے ہمسائے ہو مگر ہمیں اپنے بچوں کے بارہ میں خوف ہے کہ تم انہیں دین کے بارہ میں فتنہ میں نہ ڈال دواس لئے یہاں سے کوچ کرو۔جاتے ہوئے راہب نے اس لڑکے کو بھی ساتھ لے جانا چاہا مگر اس نے والدین کی وجہ سے مجبوری ظاہر کی۔ ہم نے رامہرمز پہاڑ سے پیدل سفر شروع کیا راستہ میں اللہ پر توکل کرتے اوردرختوں کے پھل کھاتے ہوئے گزارا کیا اور جزیرہ پہنچے پھر نصیبین آئے میرے ساتھی راہب نے کہا کہ یہاں کچھ عبادت گزار لوگ آبادہیں جن سے ملاقات کرنا چاہتا ہوں ہم اتوار کے دن ان کے پاس گئے تو ملاقات ہوئی۔ وہ ہمارے ساتھی کو دیکھ کر بہت خوشی سے ملے اور لمباعرصہ غیرحاضر رہنے کا پوچھا اس نے بتایا کہ ایران میں بعض بھائیوں سے ملنے گیا تھا۔
راہبوں کے ساتھ
وہاں سے چلنے لگے تو میں نے کہا مجھے انہیں لوگوں کے پاس چھوڑ دیں انہوں نے کہاآپ ان جیسی طاقت نہیں رکھتے۔ یہ تو اتوار سے اگلے اتوار تک ہفتہ کاروزہ رکھتے ہیں اور پوری رات جاگتے ہیں۔ان میں ایک نوجوان کسی بادشاہ کا بیٹا بھی تھا جو حکومت و دولت چھوڑ کر رہبانیت اختیار کر چکا تھا۔اب میں ان کے ساتھ رہنے لگا۔شام ہوئی تو شاہی خاندان کے اس نوجوان نے کہا یہ نو عمر لڑکا ہلاک ہوجائے گا،مناسب ہے کہ تم میں سے کوئی شخص اسے اپنے زیر تربیت رکھ لے۔سب نے کہا کہ تم ہی اسے اپنے ساتھ رکھ لو۔تب انہوں نے مجھے کہا اے سلمان!یہ روٹی ہے اور یہ سالن ۔ جب سورج غروب ہوتو کھانا کھالینا اور جب اٹھو تو روزہ رکھ لینا اور جب جتنا جی چاہے نماز پڑھ لینا اور تھک جائو تو آرام کرناپھر وہ اپنی عبادت میں ایسا مصروف ہوا کہ اس کے سوااس نے میرے سے کوئی بات نہ کی نہ میری طرف دیکھا یہاں تک ایک ہفتہ گزر گیا کوئی مجھ سے کلام نہ کرتا تھا۔ ساتویں دن اتوار کو جب وہ اکٹھے ہوکر افطار کرتے تو ملاقات پر دعا سلام ہوتی پھر پوراہفتہ چپ کا روزہ۔ میں تنہائی کے غم کا شکار وہاں سے بھاگنے کے منصوبے بنانے لگا پھر خیال آیا کہ دوتین دن اگلے اتوار تک صبر کرلوں۔وہ لوگ مجھے ساتھ لے گئے اور گوشت روٹی سے خوب تواضع کی ۔ پھر ہفتہ بھر کیلئے شہزادہ عبادت میں مصروف ہوگیا۔
اس کے بعد ایک دن اس نے مجھے کہا اے سلمان! میں ذرا آرام کرنے لگاہوں۔ جب سایہ فلاںجگہ پہنچے تو مجھے جگا دینا میں نے اس کی تھکان کی وجہ سے ترس کھاکر نہ جگایا۔ وہ گھبرا کر اٹھا اورناراض ہوا کہ میں نے کیوں اسے نہ جگایا میں نے کہا آ پ کے آرام کی خاطر ایسا کیا۔ انہوں نے کہااے سلمان تیرا بھلاہو یاد رکھو! آج روئے زمین پر سب سے بہترین مذہب نصرانی ہے۔ میں نے کہا کیاآئندہ اس سے بہتر کوئی دین ہوگا؟ یہ ایک ایسا جملہ تھا جو میری زبان بے ساختہ سے نکل گیا۔ اس نے کہا ہاں قریب ہے کہ ایک نبی مبعوث ہو۔ اگر اسے پائو تو اس کی پیروی کرنا۔میں نے کہا اگروہ نصرانی دین چھوڑنے کیلئے کہے توبھی؟اس نے کہا ہاں وہ نبی ہوگا۔ سوائے حق کے کچھ نہ کہے گا۔خدا کی قسم اگر میں اس کا زمانہ پائوں اوروہ مجھے آگ میں کودنے کا حکم دے تو میںایسا کر گزروں۔
پھر وہ بیت المقدس سے نکلا تو ہم ایک ایسے شخص کے پاس سے گزرے جو ٹانگوں سے معذور تھا۔ اس نے اسے کہا تم معبد کے اندر گئے تو بھی مجھے کچھ نہ دیا۔ اب جاتے ہوئے ہی کچھ دے جائو۔ وہ اس کی طرف متوجہ ہوا مگر اسکے ساتھ نظریں ملائے بغیر کہا کہ مجھے اپنا ہاتھ دو۔ اس نے ہاتھ دیا تو اس نے کہا کہ اللہ کے نام سے کھڑے ہوجائو وہ معذور صحیح سالم کھڑا ہوگیا اور اپنے گھر چل پڑا۔ میں تعجب سے اسے دیکھتا رہا اور ادھر میرا شہزادہ تیزی سے قدم اٹھاتا ہوا غائب ہوگیا۔
نصرانی اسقفّ کا حال
میں نے اہل شام سے پوچھا کہ اس دین کا سب سے بہترین شخص اور بڑا عالم کون ہے؟ انہوں نے کہا اُسُقُف یعنی پادریوں کاسردار۔ میں اس کے پاس چلا گیا اور اسے کہا کہ مجھے اس دین سے محبت پیدا ہوگئی ہے۔میں چاہتا ہوں کہ گرجا میںرہ کر آپ کی خدمت کروں۔ آپ سے علم سیکھوں اور عبادت کروں۔ اس نے کہا ٹھیک ہے تم آجائو۔ میں گرجاآ گیا۔ مگروہ شخص بہت برا انسان نکلا۔وہ لوگوں کو صدقہ و خیرات کی تحریک کرتا تھا اور جب جرأت ملتی تو وہ اپنے لئے جمع کرکے رکھ دیتااورغربیوں اور مسکینوں کو نہ دیتا۔ یہاں تک کہ اس کے پاس سونے اور چاندی سے بھرے ہوئے سات گھڑے جمع ہوگئے۔ اس کے کاموں کی وجہ سے میرے دل میں اس کیلئے سخت نفرت پیدا ہوگئی ۔ جب وہ فوت ہوا تو مسیحی اسے دفن کرنے کیلئے آئے۔ میں نے انہیں اس کی ساری کرتوتیں کھول کر بتادیں۔ پہلے تو انہوں نے مجھے ڈانٹا اور کہاکہ تمہارے پاس اس کا کیا ثبوت ہے؟ میںنے کہا میں تمہیں اس کا مال اور خزانہ دکھا سکتا ہوں۔ انہوںنے کہا اچھا ہمیں دکھائو۔ جب میں نے انہیں وہ جگہ بتائی تو واقعی وہاں سے سونے اور چاندی سے بھرے سات گھڑے نکلے جنہیں دیکھ کر انہوں نے کہا۔ خدا کی قسم ہم اسے ہرگز دفن نہیں کریں گے۔ پھر انہوں نے اسے سولی پر چڑھا یا اور پتھروں سے سنگسار کر دیا۔
پھراس کی جگہ وہ ایک اور شخص کو لے آئے جو دین کا بڑا عالم و فاضل تھا اوراخروی زندگی میں رغبت رکھنے والا عابدوزاہد اور بے حد نیک انسان تھا۔ میں نے کوئی پانچ نمازیں پڑھنے والا اس سے افضل نہیں دیکھا ۔ نہ ہی دن رات میںکوئی اس سے زیادہ نیکی پر مداومت اخیتار کرنے والا پایا۔ مجھے اس سے ایسی محبت ہوگئی کہ اس سے پہلے کسی سے نہیں ہوئی تھی۔ میں ایک عرصہ اس کے پاس ٹھہرا ۔ جب اس کی موت کا وقت آیا تو میں نے کہا کہ اے نیک بزرگ! آپ کیلئے تو اللہ کا حکم آگیا ہے۔ اب مجھے کس کے سپرد کرتے ہیں اورکیا حکم دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا میرے بیٹے خداکی قسم مجھے کسی شخص کا پتہ نہیں جو آج اس دین اوراس کی سچی تعلیم پر قائم ہو جس پر میں قائم ہوں۔ نیک لوگ مرگئے اور بعد والوں نے دین کو بدل دیا اور اس کی بہت ساری باتیں ترک کردیں۔ ہاں البتہ موصل میں فلاں شخص موجود ہے وہ میرے مسلک پر ہے تم اس کے پاس چلے جانا۔ ان کی و فات تک میں ان کے ساتھ انہی کے مسلک پر رہا۔
صحبت صالحین کے لئے سفر موصل و نصیبین
وفات کے بعد میں نے موصل آکر اس دوسرے بزرگ سے ملاقات کی اور اسے اپنا سارا حال سناکر بتایا کہ فلاں بزرگ نے مجھے آپ سے ملاقات کی وصیت کی تھی اور بتایا تھا کہ آپ ان کے نیک مسلک پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹھیک ہے آپ میرے پاس رہو۔ میں نے انہیں بھی بہترین انسان پایاوہ دن کو روزہ رکھتا اوررات کو عبادت کرتا تھا او رواقعی اپنے ساتھی کے مسلک پر قائم تھا ۔
تین سال یہاں گزارے اور سرکہ تیل اور کچھ دانوں پر گزر اوقات ہوتی رہی پھران کو بھی خدا کے حضور سے بلاوا آگیا تو میں نے عرض کیا کہ فلاں بزرگ نے مجھے آپ کے پاس بھجوایا تھا۔ اب آپ مجھے کیا وصیت کرتے ہیں۔ انہوںنے کہا خدا کی قسم! مجھے اہل مشرق میںکسی ایسے شخص کاعلم نہیں جو ہمارے مسلک پر ہوا سوائے نصیبین میں ایک شخص کے اور وہ فلاں بزرگ ہے ۔ تم اسے جا کر ملو اسے میرا سلام کہنا۔چنانچہ ان کی وفات کے بعد میں نصیبین کے بزرگ کے پاس چلا گیا اور اسے اپنے حالات سے آگاہ کرکے بتایا کہ فلاں بزرگ نے مجھے آپ سے ملاقات کیلئے فرمایا تھا۔ انہوں نے بھی مجھے اپنے پاس ٹھہرایا۔ انہیں بھی میں نے پہلے دونوں بزرگوں جیسا ہی پایا ۔ میں نے اس بہترین شخص کے ساتھ زندگی کے تین سال اور گزارے۔ بالآخر اسے بھی موت نے آن لیا۔
عموریہ کا سفر اور نبی موعود کی علامتیں
بوقت وفات ان سے بھی میں نے وہی سوال کیا کہ مجھے کیا وصیت کرتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ خدا کی قسم! ہمیں معلوم نہیں کہ اب کوئی شخص روئے زمین پر ہمارے مسلک پر ایسا باقی رہ گیا ہے جس کے پاس تم جائو۔ ہاں عموریہ میں ایک شخص ایسا ہے جو ہمارے جیسا ہے۔ اگر تم پسند کرو تو وہاں چلے جائو۔
ان کی وفات کے بعد میں عموریہ کے بزرگ کے پاس گیا۔ انہیں اپنے حالات سے مطلع کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے پاس ٹھہرجائو میں نے اسے بھی اپنے ساتھیوں کے مسلک اورنیک اخلاق پر پایا۔ ا س دوران میں نے محنت کرکے مال بھی کمایا اور کچھ گائیں بکریاں جمع کرلیں۔پھر انکی وفات کا وقت آیا تو ان سے پوچھا کہ اب آپ مجھے کوئی وصیت کریں۔ انہوںنے کہا خدا کی قسم! مجھے روئے زمین پر کسی شخص کا علم نہیں جس کے بارے میں تمہیں نصیحت کروں کہ وہاں چلے جائو۔ البتہ ایک نبی کی بعثت کا زمانہ آچکا ہے۔جس کی بشارت حضرت عیسٰیؑ نے دی تھی۔ وہ دین ابراہیمی کے ساتھ مبعوث ہوگا۔ سرزمین عرب سے نکلے گا ۔ دو پتھریلے میدانوں کے درمیان ایک کھجوروں والی سرزمین کی طرف ہجرت کرے گا۔ اس کی کچھ علامتیں بڑی واضح ہونگی۔ وہ تحفہ لے لے گا مگر صدقہ نہیں کھائے گا۔ اس کے دونوں کاندھوں کے درمیان مہر نبوت ہوگی۔ اگر تم اس ملک میںجا سکو تو ضرورجائو۔ پھر وہ فوت ہوگئے اور میں ایک زمانہ تک عموریہ میںہی ٹھہرا رہا۔
یہود مدینہ کی غلامی
پھر کرناخدا کا کیا ہوا کہ قبیلہ کلب کے کچھ تاجروں کا ہمارے شہر سے گزر ہوا۔میں نے ان سے کہا کہ میں اپنی گائیں اور بکریاں تمہیں دیتا ہوں۔ تم مجھے عرب کی سرزمین میں پہنچا دو۔ انہوں نے کہا ٹھیک ہے۔ چنانچہ میں نے وہ جانور ان کو دئے۔انہوں نے مجھے اپنے ساتھ سوار کروالیااور مجھے وادی القریٰ میں لے آئے۔ یہاں آکر انہوں نے مجھ سے زیادتی کرتے ہوئے غلام بناکر ایک یہودی کے ہاتھ فروخت کردیا۔ میں اس کے پاس رہا۔ وہاں کھجور کے باغات دیکھ کر میں امید کرتا تھا کہ شایدیہی وہ شہر ہو جس کے بارے میں اس بزرگ نے مجھے بتایا تھا۔ مگر میرا دل مطمئن نہ تھا۔ میرے وہاں قیام کے دوران اس کا چچازاد بھائی مدینہ سے مکہ آیا۔ جوبنوقریظہ قبیلہ سے تھا۔وہ مجھے خرید کر مدینہ لے آیا ۔ خدا کی قسم! مدینہ کو دیکھتے ہی مجھے یقین ہوگیا کہ یہ وہی شہر ہے جس کی نشانیاں عموریہ کے بزرگ نے بتائی تھیں۔ میںمدینہ ٹھہر گیا۔ اللہ تعالیٰ نے مکہ میں اپنا رسول مبعوث فرمایاتھا۔ میں غلامی کے کام کاج میں ایسا مصروف ہواکہ اس کی خبر تک نہ ہوئی۔ پھر رسول اللہﷺ نے مدینہ ہجرت فرمائی ۔ خدا کی قسم! میں کھجور کے درخت پر چڑھا ہوا اپنے مالک کا کام کر رہا تھا۔ میرا مالک نیچے بیٹھا ہوا تھا۔اس کا چچا زاد بھائی اسکے پاس آیااورکہا ’’اللہ بنی قیلہ کو قتل کرے۔ خدا کی قسم! وہ اب قباء میں ایک ایسے شخص کے ساتھ اکٹھے ہور ہے ہیں جو مکہ سے ان کے پاس آیا ہے اور کہتے ہیں کہ وہ نبی ہے۔ ‘‘
سلمانؓ کہتیہیں یہ سنتے ہی میں چونک اٹھا۔میری توجہ اپنے کام سے ہٹ گئی اورمجھے لگا کہ میں درخت سے اپنے مالک کے اوپر گر پڑوںگا۔پھر میں کھجور کے درخت سے اترا اور ان کے چچا زاد سے بار بار پوچھنے لگا کہ تم کیا بات کر رہے تھے؟ اس پرمیر امالک سخت ناراض ہو۔اورا مجھے زو ردار طمانچہ رسید کرکے کہا تمہیں اس سے کیا غرض؟ میں نے کہا کچھ نہیں میں تو صرف ان کی بات کی وضاحت چاہتا تھا۔
ایک اور روایت میں مدینہ پہنچنے کی مزید تفصیل حضرت سلمانؓ کی زبانی یوں ہے ۔ دریں اثناء مدینہ کی طرف ایک تجارتی قافلہ آیا،انہوں نے بتایا کہ نسل ابراہیم سے ایک دعویدار پیدا ہوا ہے جس کی قوم اس سے برسرپیکار ہے ۔وہ مدینہ آیاہے، ہمیں اندیشہ تھا کہ کہیں ہماری تجارت اس سے متاثر نہ ہوجائے مگر وہ اب مدینہ کا مالک ہوچکا ہے۔ میں نے کہا اس کی قوم کے لوگ اسے کیا کہتے ہیں۔انہوں نے کہا وہ اسے ساحر اور مجنون کہتے ہیں۔میں نے دل میں کہا کہ یہی تو اس کی نشانی ہے۔ پھر میں نے قافلہ کے سردار سے بات کی کہ مجھے بھی اپنے ساتھ مدینہ لے جائو۔اس نے کہا کیا معاوضہ دوگے؟میں نے کہا میرے پاس دینے کوتوکچھ نہیں بس مجھے اپنا غلام بنالو۔دوسر ی روایت میں ہے کہ انہوں نے قافلہ والوں سے کہا کہ مجھے اپنے ساتھ سوار کروالو۔مجھے بس روٹی کا ایک ٹکڑا دے دیا کرنا اوراپنے شہر جاکر چاہوتو غلام رکھ لینا اور چاہو تو بیچ دینا۔جب ان کے شہر پہنچے تو اس شخص نے مجھے کھجور کے باغ میں پانی دینے پر لگا دیا۔ جیسے اونٹ پانی کھینچتا ہے اس طرح پانی کھینچ کھینچ کر میری پشت اور سینہ میں نشان پڑے۔
یہاں کوئی میری زبان نہیں سمجھتا تھا ایک دن ایک ایرانی بڑھیا پانی لینے آئی جو میری زبان جانتی تھی ۔اس سے میری بات ہوئی،میںنے اس سے کہا کہ مجھے اس دعویدار شخص کے بارہ میں کچھ بتائو وہ کہاں ہے؟اس نے بتایا کہ وہ صبح کی نماز کے بعد فلاں جگہ سے گزریں گے تو تم ان سے مل سکو گے چنانچہ اگلے روز کھجوریں لے کرحاضر خدمت ہوئے ۔دوسری روایت میں ہے کہ میں نے اپنے مالکوں کے گھرانے میںنبی کریمﷺ کا ذکر سنا۔ اس کے گھر میں باعزت گزارہ ہورہا تھا۔ میں نے گھر کی مالکہ سے کہا کہ مجھے ایک دن کی رخصت دو۔ وہ مان گئی تو میں نے جاکر اس دن لکڑیاں کاٹیں اور ان کو بیچ کر کھانا تیار کیا اور وہ کھانا لے کر نبی کریمﷺ کی خدمت میں حاضر ہو ا اورعرض کیا کہ یہ صدقہ ہے۔جو حضورؐنے نہیں کھایا او رصحابہ کو دے دیا۔
حصولِ مراد
ایک اور روایت میں حضرت سلمانؓ نے یہ تفصیل بھی بیان کی ہے کہ اسی زمانے میں میں نے کھجور کی شاخوں سے چٹائی بننے کا کام سیکھا۔ میں ایک درہم سے چٹائی کا سامان خرید کر دو درہم میں چٹائی تیار کرکے بیچتا تھا اور ایک درہم خود استعمال میں لاتا تھا۔ مجھے پسند تھا کہ اپنے ہاتھ سے روزی کما کر کھائوں۔ اسی دوران پتہ چلا کہ مکہ میں نبیﷺکا ظہو رہو چکا ہے پھر وہ ہجرت کرکے مدینہ آئے میں نے سوچا کہ موعود علامتوں اور نشانیوںسے متعلق ان کی آزمائش کروں۔چنانچہ بازار سے اونٹ کا گوشت ایک درہم میں خریدا اور اس سے ثرید تیار کرکے حضوؐرکی خدمت میں حاضر ہوا اور بتایا کہ یہ صدقہ ہے آپ نے نہیں کھایا۔اس وقت تک میری پاس کچھ کھجوریں بھی جمع ہوچکی تھیں۔ شام ہوئی تووہ کھجوریںاوررقم لے کر میں رسول اللہ ﷺکی خدمت میں قباء میں حاضر ہوا اور عرض کیا کہ مجھے پتہ چلا ہے کہ آپ ایک نیک انسان ہیںا ور آپ کے ساتھ غریب اور صاحب حاجت لوگ ہیں۔ میرے پاس صدقہ کی کچھ رقم جمع تھی۔ میرے خیال میں آپ لوگوں سے زیادہ اس کا مستحق اور کوئی نہیں۔ رسول اللہ ﷺ نے اپنے صحابہ سے فرمایا کہ تم کھائواور خود اپناہاتھ روکے رکھا اور کچھ نہیں کھایا۔ میں نے دل میں سوچا کہ لو ایک علامت تو پوری ہوگئی۔ پھر میں واپس چلا گیا اور کچھ او رکھجوریں جمع کیں اور رسول کریمﷺ بھی قباء سے مدینہ منتقل ہوگئے۔ پھر میں آپؐ کے پاس آیا اور عرض کیا کہ میں نے دیکھا ہے۔کہ آپ صدقہ نہیں کھاتے اور اب میں آپ کے اکرام کی خاطر تحفہ لے کر آیاہوں۔ رسول کریمؐ نے اس میںسے کھایا اور صحابہ نے بھی ساتھ کھایا۔ میں نے دل میں کہا دو نشانیاں پوری ہوگئیں۔
پھر میں بقیع الغرقد میں رسول کریمﷺکے پاس آیا۔ آپؐ اپنے صحابہ کے ایک جنازہ کے ساتھ جارہے تھے۔ آپ ؐنے دو چادریں زیب تن فرمائی تھیں اور صحابہ کے درمیان تشریف فرماتھے ۔ میں گھوم کر آپ کی پشت کی طرف آکر دیکھنے لگا کہ وہ مہر نبوت نظر آجائے جس کی نشانی بزرگ موصوف نے مجھے بتائی تھی۔ جب رسول کریمﷺنے مجھے گھومتے دیکھا تو آپ کو پتہ چل گیاکہ میں کسی بیان کردہ نشانی کی توثیق کرنا چاہتا ہوں۔ آپؐ نے اپنی پشت سے چادر اٹھا دی اور میں نے مہر نبوت دیکھ کر آپ کو پہچان لیا۔ پھر کیا تھا میں تو آپؐ سے چمٹ گیا۔ آپؐ کو چومنے لگا اور ساتھ روتا جاتا تھا۔ پھر رسول اللہﷺ نے فرمایا اب سامنے بیٹھ جائومیں بیٹھ گیا اور اپنا ساراقصہ آپ کو کہہ سنایا۔رسول اللہ ﷺکو میری کہانیبہت پسند آئی اور آپ کو خواہش ہوئی کہ سارے صحابہ بھی یہ دلچسپ واقعہ سنیں۔
رسول خداؐسلمانؓ کی آزادی میں کوشاں
غلامی کے باعث میں رسولؐ اللہ کے ساتھ غزوہ بدر اور احد میں شامل نہ ہوسکا۔ رسول اللہﷺ نے مجھے ارشاد فرمایا کہ اپنے مالک سے مکاتبت کرلو یعنی اپنی آزادی کیلئے قیمت مقرر کروا کے اس کی ادائیگی شروع کرو۔ میں نے اپنے مالک سے معاہدہ کیا کہ میں اسے تین سو کھجور کے پھلدارپودے کاشت کرکے دوں گا اور چالیس اوقیہ سونانقد ادا کردوں گا۔ رسو ل کریمﷺ نے اپنے صحابہ سے فرمایا اپنے ساتھی کی مددکرو۔ چنانچہ سب صحابہ نے کھجور کے درخت مہیا کرنے میں میری مدد کی۔ کسی نے تیس درخت کسی نے بیس درخت کسی نے پندرہ اور کسی نے دس۔ الغرض ہر شخص نے اپنی استطاعت کے مطابق مدد کی اور تین سو کھجور کے پودے اکٹھے ہوگئے ۔ رسول کریمﷺ نے فرمایا کہ اے سلمان! اب جاکر یہ پودے گاڑنے کیلئے گڑہے کھودنے شروع کرو۔جب اس سے فارغ ہوجائو تو میرے پاس آنا۔ میں نے گڑھے کھود کر حضورؐ کو اطلاع کی تو آپؐمیرے ساتھ تشریف لے گئے۔ہم کھجور کا ایک پودا اٹھا کر حضوؐر کے قریب کرتے تھے اور حضورؐ اپنے دست مبارک سے اسے گاڑتے تھے۔ اس ذات کی قسم جس کے قبضہ میں سلمانؓ کی جان ہے ان پودوں میں سے ایک بھی ضائع نہیں ہوا۔ اب حسب معاہدہ درخت لگانے کا کام تو مکمل ہوا چالیس اوقیہ کی ادائیگی باقی تھی۔
رسول اللہ ﷺ کی غلامی اور آپؐ کی شفقت
ایک اورروایت میں حضرت سلمانؓ بیان کرتے ہیں کہ میرے مسلمان ہونے کے بعد رسول اللہﷺ نے مجھے یہود سے خرید لیا۔ نقددرہم کے ساتھ قیمت میں یہ شرط طے پائی کہ میں تین سو کھجوروں کا ایک باغ یہودیوں کو لگا کر دوں۔جب وہ باغ پھل دینے لگے گاتو میں آزاد ہوں گا۔نبی کریمﷺنے اپنے ہاتھ سے تمام درخت لگائے سوائے ایک درخت کے جو حضرت عمرؓ نے لگایا۔ حضورؐ نے کھجور کی جڑوں میں پانی ڈالنے کا طریق بھی مجھے سمجھایا۔اگلے سال تمام درختوں نے پھل دیا سوائے اس ایک درخت کے۔ حضورؐ نے پوچھا یہ کس نے لگایا تھا۔تو پتہ چلا کہ حضرت عمرؓ نے۔ حضورؐ نے اسے اکھیڑ کر پھرلگایا تو اگلے سال وہ بھی پھل لے آیا۔
رسول کریمﷺ کے پاس کسی غزوہ سے مرغی کے انڈے کے برابر سونا آیا۔ آپؐ نے پوچھا سلمان فارسی کس حال میںہے؟ جس نے آزادی کیلئے معاہدہ کیا تھا۔ مجھے بلایا گیا۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا اے سلمان! یہ سونا لو اور اپنے اوپر جو قرض باقی ہے ادا کردو۔ میںنے عرض کیا یا رسول اللہﷺ میرے ذمہ قرض کے مقابل پر اس کی کیا حیثیت ہے ۔ یہ توبہت کم ہے۔آپؐ نے وہ سونا ہاتھ میں لے کر زبان سے اس پر کچھ تبرک عطا کیا اورفرمایااب یہ لے لو اللہ تعالیٰ اس کے ذریعہ تمہاری ادائیگی کے سامان فرما دے گا۔ چنانچہ وہ سونا لے کر میں نے اس کا وزن کیا اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں سلمان کی جان ہے وہ پورا چالیس اوقیہ نکلا۔میں نے اپنا سارا قرض ادا کر دیا اور آزاد ہوگیا۔ اس کے بعد پہلا غزوہ جس میں میں حضور کے ساتھ شریک ہوا وہ غزوہ خندق تھا پھرا س کے بعد تو کسی بھی غزوہ میں کبھی آپ ؐ سے پیچھے نہیں رہا۔(3)
حضرت سلمان ؓ بیان کرتے ہیں کہ جب میں نے رسول کریمﷺکو اس شخص کے بارے میں بتایا جس نے مجھے حضورؐ کی نشانیاں بتائی تھیں تو میں نے پوچھا یارسول اللہﷺ کیا وہ شخص جنت میں داخل ہوگا اسی نے مجھے آپ کے نبی ہونے کے بارے میں رہنمائی کی تھی ۔آپؐ نے فرمایا کہ جنت میں اسلام قبول کرنے والا شخص ہی داخل ہوگا۔
غزوہ خند ق میں حضرت سلمانؓ کی بھرپور شرکت
غزوہ احد سے واپسی پر ابو سفیان نے آئندہ سال پھر بدر میں جنگ کا اعلان کیا ۔ یہود مدینہ اور غطفان کے ساتھ مل کر عرب کے تمام قبائل سے لشکر اکٹھے کرکے مدینہ پر چڑھائی کردی۔ جب وہ مکہ سے چلے تو رسول کریمﷺنے صحابہ سے مشورہ کیا۔ حضرت سلمان فارسیؓ اس وقت غلامی سے آزاد ہوکر پہلی دفعہ کسی جنگ میں شامل ہورہے تھے۔ انہوں نے عرض کیا یا رسول اللہﷺ !ایران میں جب ہمیں محصور ہو جانے کا خطرہ ہوتو ہم اپنے گرد خندق کھود کر دفاع کرتے ہیں۔ (4)
پیش آمدہ حالات میں مسلمانوں کو یہ رائے بہت پسند آئی۔ رسول کریمﷺ نے خندق کی کھدائی کیلئے خود نشان لگائے۔ ہر دس افراد کے لئے چالیس ہاتھ جگہ کھدائی کیلئے مقرر فرمائی۔ حضرت سلمانؓ کافی مضبوط اور صحت مند تھے۔ مہاجرین نے کہا کہ سلمان ؓہمارے ساتھ خندق کی کھدائی میں شامل ہوں۔ انصار نے کہا ہم سے زیادہ ان پر کسی کا حق نہیں اور یہ ہم میں سے ہیں۔ رسول کریمﷺ نے فرمایا۔سَلْمَانُ مِنَّا اَھلَ البَیْتِ۔کہ سلمان ہم اہل بیت میں سے ہیں۔(5)
ایک عرب شاعر نے حضرت سلمانؓ کی یہ فضیلت یوں بیان کی ہے۔
لَقَد رَقٰی سَلمَانُ بَعدَرَقِّہٖ مَنزِلَۃً شَامِخَۃَ البُنیَانٖ
وَکَیفَ لاَ وَ المُصَطَفٰے قَد عَدَّہٗ مَن اَھلِ بَیتِہِ العَظِیمِ الشَّانٖ
یعنی حضرت سلمانؓ اپنی غلامی سے آزاد ہوکر ایک نہایت بلند مقام اور مرتبہ پر فائز ہوئے اور ایسا کیوں نہ ہوتا جب کہ حضرت محمدمصطفیﷺنے انہیں اپنے عظیم الشان اہل بیت میں شمار فرمایا۔(6)
خندق کی کھدائی کے دوران نشان کا ظہور
حضرت سلمانؓاور بعض اور صحابہ نے خند ق کی کھدائی کے دوران ایک ایمان افروز نشان کے ظہور کا بھی ذکر کیاہے۔ حضرت سلمانؓ کہتے ہیں کہ میںنے خندق کے ایک حصہ میں کدال سے ضرب لگائی تو سخت چٹان سامنے آئی ۔ رسول اللہﷺ میرے قریب ہی تھے ۔آپؐ نے کدال میرے ہاتھ سے لے لی اور اپنی چادر ایک طرف رکھ کر چٹان پر ضرب لگائی اور ایک شعلہ نکلا۔آپ نے یہ آیت تلاوت کی۔۔(الانعام 116)کہ تیرے رب کی بات سچائی اور عدل کے ساتھ پوری ہوئی۔ اس کی باتوں کو کوئی تبدیل کرنے والا نہیں اور وہ بہت سننے والا اور جاننے والاہے۔
اس ضرب سے پتھر کا ایک تہائی حصہ ٹوٹ گیا۔ حضرت سلمانؓ کھڑے دیکھ رہے تھے۔ پھر آپؐ نے دوسری ضرب لگائی اورپھر وہی آیت پڑھی۔ دوبارہ ایک شعلہ پتھر سے نکلا اور پتھر کا ایک تہائیمزید شکستہ ہوگیا۔ پھر آپ نے تیسری ضرب لگائی اور وہی آیت پڑھی۔ ایک شعلہ بلند ہوا اور باقی پتھر بھی شکستہ ہوگیا۔ حضرت سلمانؓ نے عرض کیا یارسول اللہﷺ آپؐ کی ہر ضرب پر میں نے دیکھا کہ ایک شعلہ بلند ہوا۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا اے سلمانؓ! کیا تم نے بھی دیکھا تھا؟حضرت سلمانؓ نے عرض کیا اے اللہ کے رسولؐ! اس ذات کی قسم جس نے آپ کو حق کے ساتھ بھیجا ہے میں نے یہ نظارہ دیکھا۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا جب میں نے پہلی ضرب لگائی تو مجھے لئے کسریٰ شاہ ایران کے کئی شہروں کا نظارہ کروایا گیا یہاں تک کہ میں نے ان کو اپنی آنکھوں سے دیکھا۔ موجودصحابہ نے عرض کیا یارسولؐ اللہ آپ دعا کریں اللہ تعالیٰ ہماری زندگیوں میں یہ فتوحات عطا کرے اور ان ممالک کے اموال غنیمت ہمارے حصہ میں آئیں۔آپؐ نے یہ دعا کی۔پھر میں نے دوسری ضرب لگائی تو قیصر شاہ روم کے شہروں کا نظاہ مجھے کروایا گیا اور میں نے ان کو اپنی آنکھوں سے دیکھا۔ صحابہ نے پھر عرض کیا کہ اے اللہ کے رسولﷺ آپ دعا کریں اللہ تعالیٰ ہمارے ذریعہ یہ فتوحات عطا فرمائے۔ رسول اللہﷺ نے پھر دعا کی۔ پھر میں نے تیسری بار ضرب لگائی تو میرے سامنے ملک حبشہ کے شہراور ارد گرد کی بستیاں دکھائی گئیں۔ میں نے ان کو اپنی آنکھوں سے دیکھا۔ دوسری روایت میں یہ بھی ذکر ہے کہ ہر ضرب کے ساتھ رسول اللہﷺ نے بھی نعرہ تکبیر بلند کیا اور صحابہ نے بھی آپؐ کے ساتھ نعرے لگائے۔(7)
چنانچہ بعد کے زمانے میں حضرت سلمانؓ نے یہ پیشگوئیاں اپنی آنکھوں سے پوری ہوتی دیکھیںَ ایرانی فتوحات کے زمانہ میںآپ نے اسلامی لشکر کے امیر کے طور پر خدمات انجام دیتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔
ابو البختری بیان کرتے ہیں کہ مسلمانوں کے ایک لشکر کے امیر حضرت سلمانؓ فارسی تھے ۔ انہوں نے ایک ایرانی قلعہ کا محاصرہ کیا ہوا تھا۔ لوگوں نے کہا آپ ان پر حملہ کیوں نہیں کرتے۔ آپؓ نے فرمایا کہ انہیں میرے پاس بلائو تاکہ میں انہیں اس طرح دعوت دوں جس طرح رسول اللہﷺ پہلے دعوت اسلام دیا کرتے تھے۔
حضرت سلمانؓ نے انہیں نہایت خوش اسلوبی سے دعوت دیتے ہوئے کہا کہ دیکھومیں تم میں سے ایک فارسی شخص ہوں اور تم دیکھ رہے ہو کہ عرب میری اطاعت کرتے ہیں اگر تم مسلمان ہوجاتے ہو تو تمہارے حق ہمارے اوپر اور ہمارے حق تمہارے اوپر ہونگے۔ دوسری صورت یہ ہے کہ اپنے دین پر قائم رہتے ہوئے جزیہ ادا کرو۔ حضرت سلمانؓ نے فارسی زبان میں بھی ان سے خطاب کیا اورکہا یہ آخری صورت قابل تعریف نہیں کہ ہم تم سے جنگ کریں۔پھر بھی جب انہوں نے کوئی بات نہ مانی تو تین دن تک مسلسل یہی دعوت دیتے رہے بالآخر مجبوراً حملہ کرنا پڑا اور اس محل اور قلعہ کو ختم کرلیا۔(8)
عدل و اعتدال
حضرت سلمانؓ فارسی کے قبول اسلام کے بعد رسول کریمﷺنے ان کی مؤاخات حضرت ابودردائؓ سے قائم فرمائی۔ جب انکے گھر گئے تو دیکھا کہ ان کی بیوی نے برا حال بنا رکھاہے ۔سبب پوچھا تو کہنے لگیں تمہارے بھائی کی دنیا سے بے رغبتی نے اس حال پر پہنچایا ہے ۔ وہ دن کور وزہ رکھتے ہیں اور رات بھر عبادت کرتے ہیں۔ حضرت سلمانؓ نے اپنے اس دینی بھائی کو اعتدال پر لانے کی تجویز کی۔ ابودردارئؓ نے جب اپنے اس مہمان بھائی کو کھانا پیش کیا تو حضرت سلمانؓ نے انہیں بھی ساتھ شامل ہونے کو کہا۔ انہوںنے بتایا کہ وہ نفلی روزے سے ہیں۔ حضرت سلمانؓ نے کہا کہ میں بھی کھانا نہ کھائوں گا جب تک آپ افطار نہ کریں۔ بے شک آپ ایک دن روزہ رکھیں اور ایک دن افطارکرلیں۔
حضرت ابودردائؓ عبادت کیلئے کھڑے ہونے لگے تو حضرت سلمانؓ بھی اٹھ کھڑے ہوئے اور کہا آپ رات کا ایک حصہ سوئیں اور پھر نماز پڑیں۔ حضرت سلمانؓ نے رسول کریمﷺسے جاکر عرض کیا تو حضورؐ نے فرمایا سلمانؓ ٹھیک کہتے ہیں۔ تمہارے نفس کا بھی تم پر حق ہے،بیوی کا بھی تم پر حق ہے۔دوست اور مہمان کا بھی تم پر حق ہے پس ہر حق دار کو اس کا حق دو۔
دوسری روایت میں ہے کہ حضورؐ نے فرمایا سلمانؓ تم سے زیادہ سمجھدار اور دین کی گہرائی سے واقف ہے۔(9)
علم وفضل
حضرت سلمانؓ نے اپنے تحقیقی سفروںاورعلماء کی صحبت میں توریت کا بھی مطالعہ کیا تھا۔ وہ بیان کرتے تھے کہ میںنے توریت میں پڑھا تھا کہ کھانے کے بعد وضو یعنی ہاتھ منہ دھونا کھانے کے موجب برکت ہے۔میں نے نبی کریمﷺ کی خدمت میں اس کا ذکر کیا کہ میں نے تورات میں اس طرح پڑھا ہے تو آپؐ نے فرمایا کہ دراصل کھانے سے پہلے اور بعد میں دونوں دفعہ وضو ء یعنی ہاتھ منہ دھونا موجب برکت ہے۔(10)
ایک دفعہ کسی غیر مسلم نے حضرت سلمان ؓ کو طعنہ دیا کہ ہم دیکھتے ہیں کہ تمہارے نبی تمہیںپیشاب پاخانے کے آداب سکھاتے ہیں۔ حضرت سلمانؓ نے کمال حاضر جوابی سے اسی بات کو فضیلت کے طور پر اس رنگ میں پیش کیااور فرمایا کہ ہاں وہ ہمیں یہ ادب سکھاتے ہیں کہ ہم دائیں ہاتھ سے استنجاء نہ کریں اور قبلہ رخ ہوکر پاخانہ نہ کریں اور صفائی کیلئے گوبر یا ہڈی کا استعمال نہ کریں۔ اور کم از کم تین ڈھیلے استعمال کریں۔(11)
حضرت سلمانؓ فارسی نے رسول اللہﷺ کی صحبت میں رہ کر بہت کچھ سیکھا اور یادرکھا۔ ابوعثمانؓ کہتے ہیں میں حضرت سلمانؓ کے ساتھ تھا۔ انہوں نے ایک درخت سے خشک ٹہنی توڑی اور اسے جھاڑا تو اس کے پتے گرگئے۔ اور کہنے لگے تم مجھ سے پوچھو گے نہیں کہ میں نے ایسا کیوں کیا؟ پوچھا تو کہنے لگے رسول کریمﷺ نے ایک دفعہ میرے لئے ایسا ہی کیا پھر فرمایا کہ مسلمان بندہ جب اچھی طرح وضو کرکے پانچ نمازیں ادا کرتا ہے تو اس کے گناہ اس خشک پتوں کی طرح جھڑ جاتے ہیں پھر یہ آیت پڑھی۔(ھود:)( 12)
یعنی دن کے اطراف اور رات کے اوقات میں نماز قائم کرو یقینا نیکیاں بدیوں کو مٹا دیتی ہیں ۔
سلمانؓ کہتے ہیں کہ ایک دفعہ رسول کریمﷺ نے فرمایا’’ تمہیں پتہ ہے جمعہ کا دن کیا ہے؟‘‘ میں نے عرض کیا کہ اللہ اور اس کا رسول ؐ بہتر جانتے ہیں فرمایا کہ ’’یہ وہ دن ہے جس میں اللہ نے تمہارے باپ آدم کو پیدا کیا۔ جو شخص اس دن پاک صاف ہو کر جمعہ پڑھنے جائے اور امام کے نماز پڑھنے تک کسی سے کلام نہ کرے تویہ اس کے سابقہ گناہوں کا کفارہ ہوجاتاہے۔‘‘(13)
حضرت سلمانؓ عملی زندگی میں سنت رسولؐ کی خوب پابندی کرتے تھے۔ ایک دفعہ ایک مہمان آیا تو آپ نے جو گھر میں تھا پیش کرنے کی ہدایت کی اور فرمایا کہ’’ اگر رسول کریمﷺنے ہمیںتکلف سے منع نہ فرمایا ہوتا توہم آپ کے لئے ضرور تکلف سے اہتمام کرتے۔‘‘(14)
حلال و حرام کے بارہ میں ایک دفعہ آپ نے یہ واضح اور اصولی ارشاد رسولؐ بیان فرمایا کہ رسول کریمﷺسے گھی یا پنیر وغیرہ کے بارہ میں پوچھا گیا تو آپ نے فرمایا کہ حلال وہ ہے جسے اللہ نے اپنی کتاب میں حلال قرار دیا ہے اور حرام وہ جسے اللہ نے اپنی کتاب میں حرام کر دیا۔ جس چیز کے بارہ میں اللہ تعالیٰ نے خاموشی اختیار کی وہ اس میں شمار ہوگی جس سے اس نے درگذر اور عفو فرمایا ہے۔(15)
حضرت سلمانؓ نے اچھا حافظہ پایا تھا۔ رمضان کے فضائل کے بارہ میں آپ رسول اللہﷺ کی ایک نہایت مفصل اورجامع تقریرکا ذکر کیا کرتے تھے جو حضورؐ نے شعبان کے آخری دن فرمائی تھی۔(16)
حضرت سلمانؓ سے اصحاب رسولؐ حضرت انسؓ،حضرت کعبؓ بن عجرہ ،حضرت عبداللہؓ بن عباس اور حضرت ابوسعیدؓ کے علاوہ کئی تابعین بھی روایت حدیث کرتے ہیں۔
اللہ اور رسولؐ سے محبت
رسول کریمﷺنے فرمایا میرے صحابہ میں سے چار ایسے ہیں جن سے اللہ تعالیٰ خاص محبت کا تعلق رکھتا ہے وہ سلمانؓ،مقدادؓ،ابوذرؓ اور عمارؓ بن یاسر ہیں۔رسول کریمؐ نے حضرت سلمانؓسے فرمایا کہ آپ مجھ سے کبھی بغض نہ رکھنا ورنہ اپنے دین سے دور ہوجائو گے۔ میں نے عرض کیا یا رسولؐ اللہ میں آپ سے کیسے بغض یا عداوت رکھ سکتا ہوں حالانکہ اللہ نے مجھے آپؐ کے ذریعہ ہدایت عطا فرمائی۔آپؐ نے فرمایا اگر تم عربوں سے بغض و عداوت رکھو گے تو سمجھو کہ مجھ سے عداوت ہے۔(17)
زہدو خشیت
حضرت عائشہ ؓ بیان فرماتی ہیں کہ رسول کریمﷺرات کو حضرت سلمانؓ سے مجلس فرماتے تھے اور بعض دفعہ تو لگتا تھا کہ رسول اللہ ﷺکا یہ وقت بس انہیں کا ہوکررہ گیا ہے۔(18)
حضر ت سلمانؓ نہایت محنتی انسان تھے اور اپنے ہاتھ کی کمائی سے رزق حاصل کرنا پسند کرتے تھے۔ آپ کھجور کی شاخوں سے چٹائیاں بن کرروزی کماتے تھے۔پانچ ہزار درہم کی رقم وظیفہ یا گزارہ کے طور پر حاصل ہوتی تھی وہ سب غرباء اور مساکین میں خرچ کردیتے تھے۔(19)
بوقت وفات آپ کا ترکہ چند درہم کے سوا کچھ نہ تھا۔ آپ کی بیماری میں حضرت سعدؓ عیادت کیلئے آئے تو یہ رونے لگے۔ انہوںنے کہا کہ آپ صحابی رسولؐ ہیں روتے کیوں ہیں؟ کہنے لگے میں دنیا کے شوق یا آخرت کی ناپسندیدگی کی وجہ سے نہیں روتا۔ مگر رسول کریمﷺسے جو عہد بیعت باندھا تھا۔ ڈرتا ہوں کہ ا سمیں کوئی زیادتی نہ کرلی ہو۔ آپؐ نے فرمایا تھا ایک شخص کیلئے ایک سوار کی زادراہ کے برا بر کافی ہے۔(20)
آخری زمانہ میں حضرت سلمانؓ عراق آکر آباد ہوگئے جب کہ آپ کے دینی بھائی ابودردائؓ شام میں تھے۔ دونوں میں خط و کتابت رہی۔ حضر ت ابودردائؓ نے انہیں لکھا تھاکہ ہمارے جدا ہونے کے بعد اللہ تعالیٰ نے مجھے مال بھی عطا کیا اور اولاد بھی دی۔ میں ارض مقدسہ میں مقیم ہوں ۔حضرت سلمانؓ نے جواباًتحریر کیا کہ جہاں تک آپ نے مال کا ذکر کیا ہے تو یاد رکھیں کہ خیروبرکت کثرت مال سے حاصل نہیں ہوتی بلکہ بھلائی اس میں ہے کہ تمہارا حلم زیادہ ہو اور تمہارا علم تمہیں فائدہ دے۔ جہاں تک آپ نے ارض مقدس میں آباد ہونے کالکھا ہے تو محض کوئی زمین کسی کو کوئی فائدہ نہیں دیتی۔پس اپنی رائے اور سمجھ کے مطابق اعمال کرتے جائو اور اپنے آپ کو ہمیشہ مرُدوں میں سے سمجھو۔
ایک دفعہ مدائن کے گورنر حضرت حذیفہؓ نے آپ سے کہا کہ ہم آپ کیلئے کوئی گھر کیوں نہ تعمیر کردیں۔ کہنے لگے کیوں؟ تم مجھے بادشاہ بنانا چاہتے ہو کہ مدائن میں آپ کے محل جیسا میرا محل ہو۔انہوں نے کہا نہیں بالکل سادہ سا اور چھوٹا سا گھر۔ کہنے لگے ہا ں یہ میرے دل کی بات کہی ہے۔(21)
حضرت عمرؓ نے حضرت حذیفہؓ بن یمان کے بعد حضرت سلمانؓ فارسی کو مدائن کا گورنر مقرر فرمایا۔(22)
شادی واولاد
حضرت سلمانؓ نے کندہ قبیلہ میں شادی کی تھی۔ بیوی کا نام بقیرہ تھا۔ایک روایت کے مطابق آپ کی اولاد تین بیٹیاں تھیں۔ اور جب کہ ایک گروہ کی رائے ہے کہ ایک بیٹا اور دو بیٹیا ں تھیں۔بیٹے کا نام کثیر تھا۔اصبہان میں تھا۔بیٹیاںمصرمیں تھیں۔(23)
35ھ میں حضرت عثمانؓ کی خلافت کے زمانہ میں وفات ہوئی۔ روایا ت کے مطابق وفات سے قبل حضرت عبداللہؓ بن مسعود سے ملاقات ثابت ہے جس سے ظاہر ہے کہ ان کی وفات حضرت عبداللہؓ بن مسعود سے پہلے ہوئی۔
آپ کی عمر کے بارہ میں محیّر العقول اور مبالغہ آمیز روایات مشہور ہیں کہ آپ کی عمر ساڑھے تین سو برس ہوئی اور آپ نے حضرت عیسیٰؑ سے بھی ملاقات کی۔ علامہ ذہبی لکھتے ہیں کہ میں نے حضرت سلمانؓ کی عمر کے بارہ میں تحقیق کی تو پتہ چلا کہ اکثر روایات میں اڑھائی سو سال عمربیان ہے۔اور اس سے زائد کے بارہ میں اختلاف ہے لیکن مزید تحقیق پر ثابت ہوا کہ ان کی عمر اسی سال ہوئی۔(24)
وفات
حضرت بقیرہؓ زوجہ حضرت سلمانؓ فارسی روایت کرتی ہیں کہ بوقت وفات حضرت سلمانؓ اپنے چوبارے میں تھے جس کے چار دروازے تھے۔ مجھے کہنے لگے بقیرہ! یہ دروازے کھول دو،میں آج کچھ پیش رو فرشتوں کو آتے دیکھتا ہوں۔ نامعلوم وہ کس دروازے سے آجائیں۔پھر انہوں نے مشک منگوایا اور کہا اسے پانی سے ملا کرایک برتن میں رکھو پھر اسے میرے بستر کے گرد چھڑک دو پھر نیچے اتر جانا اور کچھ دیر بعد آکر مجھے بستر پر دیکھ جانا۔ میں نے واپس جاکر دیکھا تو ان کی روح قفس عنصری سے پرواز کر چکی تھی۔(25)
حضرت سلمانؓ نے مدائن میں وفات پائی ان کا مزار مدائن میں ہے اس بستی کو سلمان پاک کہتے ہیں یہ طاق کسریٰ سے ایک میل کے فاصلہ پر ہے ۔ حضرت حذیفہؓ کی قبر بھی حضرت سلمانؓ فارسی کے پہلو میں ہے۔(26)
حوالہ جات
1-
اسد الغابہ جلد2ص 328،اصابہ جز 3ص 113
2-
بخاری کتاب التفسیر سورۃ الجمعہ
3-
مسند احمد جلد5ص 444.439و اسد الغابہ جلد 2ص 328تا 330
مجمع الزوائدجلد9ص336تا342
4-
تاریخ طبری جلد 2ص 566
5-
مستدرک جلد 3ص 598،دلائل البیھقی جلد 3ص 399،ابن ہشام جلد 3ص 240
6-
سیرۃ الحلبیہ باب غزوہ الخندق
7-
نسائی کتاب الجہاد باب غزوہ الترک،مجمع الزوائد جلد6ص 131،ابن ہشام جلد3ص 234
8-
مسند احمد جلد5ص 440،ترمذی 1548
9-
اصابہ جز 4ص 113
10-
مسند احمد جلد5ص 441
-11
مسند احمد جلد 4ص 437
-12
مسند احمد جلد 5ص 437
-13
اسد الغابہ جلد 2ص 331
-14
مسند احمد جلد 5ص 441
-15
ابن ماجہ 3367ترمذی 1726
-16
مشکوۃ المصابیح کتاب الصوم
-17
مسند احمدجلد5ص 440
-18
اسد الغابہ جلد 2ص 331
-19
اصابہ جز 3ص 114
-20
ابن ماجہ 4104،مسند احمد جلد5ص 438
-21
اسد الغابہ جلد2ص 331
-22
حیات القلوب جلد 2ص 780،المسعوی جلد 2ص 314
-23
سیر اعلام النبلاء جلد 1ص 403،اصابہ جز3ص 13 واسد الغابہ جلد 3ص 333
-24
اصابہ جز 3ص 113
-25
سیر اعلام النبلاء جلد 1ص 403

حضرت جریرؓ بن عبداللہ البجلی
حضرت جریرؓ بن عبداللہ کا تعلق یمن کے قبیلہ بجیلہ سے تھا۔ بجیلہ بنت سعد اس قبیلہ کی ایک بہادر خاتون تھیں جن سے یہ قبیلہ منسوب ہوا۔ (1)حضرت جریرؓ کی کنیت ابو عمرو یا ابو عبداللہ مشہور تھی۔
قبول اسلام
حضرت جریرؓ کے قبول اسلام میں اختلاف ہے۔طبرانی کی ایک روایت حضرت جریرؓسے مروی ہے کہ نبی کریمﷺ جب مبعوث ہوئے تو میں آپ کی خدمت میں حاضر ہوا۔ آپ ؐ نے فرمایا کیسے آئے ہو؟میں نے عرض کیا کہ اسلام قبول کرنے حاضر ہوا ہوں۔ آپ نے اپنی چادر میری طرف پھینکی اور فرمایا جب کسی قوم کا سردار آئے تو اس کی عزت کرو۔ابتدائی زمانہ میںقبول اسلام کی یہ روایت کمزور ہے۔
علامہ ابن حجر کے نزدیک یہ روایت قبول کرنے کی ایک صورت یہ ہوسکتی ہے کہ مجازاً جریر کی روایت کا یہ مطلب لیا جائے کہ جب انہیں رسولؐ اللہ کی بعثت کا علم ہوا انہوں نے حاضر ہو کر اسلام قبول کر لیا۔ گویا انہیں تاخیر سے یہ پتہ چلا۔
احادیث صحیحہ سے ثابت ہے کہ حضرت جریرؓ حجۃ الوداع میں لوگوں کو خاموش کرانے پر مامور تھے۔حضورؐ نے اس موقع پر جو خاص نصیحت فرمائی کہ میرے بعد آپس میں جنگ و جدل نہ کرنا ایک دوسرے کی گردنیں نہ کاٹنا۔جو حضرت جریرؓ کو خوب یاد تھی۔
واقدی نے حضرت جریرؓ کا قبول اسلام رمضان 10ھ بیان کیا ہے۔ مگر یہ محل نظر ہے کیونکہ بعض او رقرائن سے حضرت جریرؓ کازمانہ اسلام اس سے پہلے معلوم ہوتا ہے ۔ طبرانی کے مطابق حضرت جریرؓ کا اپنا بیان ہے کہ رسولؐ اللہ نے ہمیں فرمایا کہ تمہار ا بھائی نجاشی فوت ہوگیا ہے ۔ اس کے جنازے کیلئے کھڑے ہوجائو اور نجاشی کی وفات کا زمانہ فتح خیبر 7ھ کے بعد کا ہے۔(2)
جریرؓ کا اعزازواکرام
حضرت عبداللہ ؓ بن حمزہ بیان کرتے ہیں کہ ایک روز میں رسول کریمﷺکے ساتھ صحابہ کی مجلس میں تھا جن میں اکثر اہل یمن تھے کہ اچانک رسول اللہ ﷺنے کشفی نظارہ سے (اللہ تعالیٰ سے علم پاکر) یہ اطلاع دی کہ تمہارے پاس یمن کابہترین شخص آنے والا ہے۔ یمن کے ہر قبیلہ کے لوگ اس امید و بیم میں انتظار کرنے لگے کہ شاید وہ آنے والاان کے قبیلہ سے ہو۔ پھر ناگہاں دیکھا تو حضرت عبداللہ ؓ بن جریر گھاٹی سے گویا چاند بن کر طلو ع ہوئے، وہ آئے اور رسول کریمﷺاور آپ کے صحابہ کی خدمت میں سلام عرض کیا۔سب نے سلام کا جواب دیا، نبی کریمﷺنے اپنی چادر ان کیلئے بچھا دی اور فرمایا ’’جریر!آئیں اس چادر پر تشریف رکھیں‘‘آپؐ خود بھی ان کے ساتھ اس چادر پر کچھ دیر تشریف فرما ہوئے۔ جب آپؐ جانے کیلئے اٹھے تو صحابہ رسولؐ نے عرض کیا یارسولؐ اللہ!آج ہم نے آپ سے جریرؓ کیلئے اکرام کا ایسا عجیب منظر دیکھا جو اس سے پہلے کسی اور کیلئے نہیں دیکھا، آپؐ نے فرمایا ’’یہ اپنی قوم کے سردار ہیں اس لئے ان کا عزت و احترام واجب ہے۔‘‘(3)
خود حضرت جریرؓ بیان کرتے تھے کہ ’’جب میں مدینہ کے قریب پہنچا تو میں نے اپنی سوار ی کو بٹھایا پھر اپنا تھیلا کھول کر اپنی پوشاک نکال کر زیب تن کی اور رسول اللہﷺ کی خدمت میں حاضر ہونے کیلئے تیار ہوا۔ کیا دیکھتا ہوں کہ حضورؐ خطبہ ارشاد فرما رہے ہیں۔ لوگوں نے آنکھوں آنکھوں میں مجھے کچھ اشارے کئے۔ میں نے اپنے قریب بیٹھے ساتھی سے پوچھا ’’اے اللہ کے بندے کیا خدا کے رسولؐ نے میرا ذکرکیا ہے‘‘ اس نے کہا آپ کا بہت عمدہ ذکر کیا ہے۔ دراصل دوران خطبہ ہی نبی کریمﷺکو میری آمد کا نظارہ کرایا گیا تھا۔ آپؐ نے میری آمد کی پیشگی اطلاع دیتے ہوئے صحابہ سے فرمایا کہ ’’اس کے چہرے پر سرداری یا شاہی نشان ہے۔‘‘ میںنے اللہ کی طرف سے اس انعام پر اس کی خوب حمد کی۔ (4)
حضرت برائؓ بن عازب کی روایت ہے کہ جب حضرت جریرؓ حضور ﷺکی اطلاع کے مطابق آگئے تو انہوں نے حضورؐ کا ہاتھ پکڑ لیا اور آپؐ کو سلام کرکے بیعت کی سعادت پائی اور ہجرت کرکے مدینہ کے ہو رہے۔
شفقت رسولؐ
حضورﷺ نے ان کی آمد پر پوچھا کہ تم کون ہو انہوں نے بتایا جریر بن عبداللہ البجلی۔ رسول کریمﷺنے انہیں اپنے پہلومیں جگہ دی۔ ازراہ شفقت و برکت ان کے سر،چہرے،سینے اور پیٹ پر ہاتھ پھیرا،حضرت جریرؓ کو اچانک نہ جانے کیا خیال آیا کہ کہیں حضورؐ کا ہاتھ زیر ازار نہ چلا جائے وہ ازراہ حیاء و شرم فوراً آگے جھک کر کبڑے سے ہوگئے۔ رسول کریمﷺ ان کی اس بے ساختہ حرکت پر بہت محظوظ ہوئے۔ (5)
رسول کریمﷺ تو ان کے اور ان کی اولاد کیلئے برکت کی دعا کر رہے تھے۔یہ دعا اللہ تعالیٰ کے شکر کے اظہار کے طور پر بھی تھی جس نے پیشگی اس نیک فطرت کے آنے کی خبر اپنے رسولؐ کو عطا فرمادی۔ اور اس بات کے پورا ہونے پر خوشی کا اظہار بھی!!
معلوم ہوتا ہے کہ حضرت جریرؓ کا اللہ تعالیٰ سے علم پاکر استقبال اور ان کا شرم و حیاء سے کبڑے ہو جانے کا دلچسپ نظارہ ہر دفعہ انہیں دیکھ کر رسول اللہ ﷺکو یاد آجاتا رہااور آپؐ اس سے محظوظ ہوتے رہے۔ چنانچہ حضرت جریرؓ بیان کرتے ہیں کہ’’ جب سے میں نے اسلام قبول کیا رسول اللہؐ نے کبھی مجھے ملاقات سے نہیں روکا اور کبھی ایسا نہیں ہوا کہ آپؐ کی نظر مجھ پر پڑی ہو اور آپ مسکرائے نہ ہوں۔‘‘ بہرحال ہر دفعہ انہیں دیکھ کر مسکرانا یقینا معنی خیز تھا۔
حضرت جریرؓ کہتے ہیں کہ بیعت کے وقت میں نے عرض کیا کہ یا رسول اللہ آپ مجھے بیعت کی وہ شرائط بتادیں جن پر مجھے قائم رہنا ہے۔ آپؐ نے فرمایا کہ’’ تم اللہ کی عبادت کروگے فرض نماز ادا کروگے، زکوۃ دو گے، مسلمانوں کی خیر خواہی کروگے، اور (دشمن) کافروں سے بیزاری ظاہر کروگے۔‘‘(6)حضرت جریرؓ نے آخر وقت تک اس عہد بیعت کو خوب نبھایا۔
حضرت جریرؓ بہت خوبصورت اور خوش شکل انسان تھے۔ قد چھ فٹ سے بھی لمبا تھا پائوں پوراایک فٹ تھا۔ حضرت عمرؓ نے انہیں کسی کھیل کے میدان یا فوجی پریڈ میں مختصر لباس میں دیکھا تو چاک چوبند متناسب جسم اور متوازن اعضاء دیکھ کرکہنے لگے’’ میں نے ایسا خوبصورت جسم والا حسین و جمیل شخص پہلے نہیں دیکھا البتہ حضرت یوسفؑ کے ایسے حسن کا ذکرضرورسن رکھا ہے۔‘‘ چنانچہ حضرت عمر ؓ حضرت جریرؓ کو اس امت کا یوسفؑ کہا کرتے تھے۔(7)
دعائے رسولؐ اورخدمات جریرؓ
نبی کریمﷺ نے حضرت جریرؓ کے سپرد وقتاً فوقتاً اہم ذمہ داریاں کیں۔ مشرکین نے فتح مکہ کے بعد خانہ کعبہ کے مقابل پر پہلے سے بنائے گئے دیگر معبدوں کو بت پرستی کے اڈے اور اسلام کے خلاف سازشوں کے گڑھ بنانا چاہا۔ ان میں ایک اڈہ کعبہ یمانیہ تھا۔ جوذی الخلصہ میں خثعم قبیلہ نے بنا رکھا تھا۔ نبی کریمﷺ نے حضرت جریرؓ سے فرمایا کہ کیا تم مجھے ذوالخلصہ سے نجات نہیں دلائو گے؟ حضرت جریرؓ ڈیڑھ صد گھوڑ سواروں کا ایک دستہ لے کر روانہ ہوئے۔ وہ بیان کرتے ہیں کہ میں گھوڑے پر جم کر نہ بیٹھ سکتا تھا ۔ رسول اللہﷺ سے عرض کیا تو آپ نے میرے سینہ پر ہاتھ مارا یہاں تک کہ میں نے آپ کی انگلیوں کے آثار اپنے سینہ میں دیکھے۔ آپ نے فرمایااَللّٰھُمَّ ثَبّتْہُ وَ اجْعَلہُ ھَادِیاًمَھْدِیاً ۔اے اللہ اسے گھوڑے پر جما دے اور اسے ہدایت دینے والا اورہدایت یافتہ بنا دے ۔رسول اللہ ﷺکی یہ دعا خوب قبول ہوئی ۔(8)
حضرت جریرؓ نے دعا کی بدولت کماحقہ یہ خدمت انجام دی۔وہیں سے اپنا نمائندہ حضور کی خدمت میں بھجوایا کہ حسب ارشاد کام مکمل ہوگیا ہے۔
رسول اللہﷺ کی وفات کے وقت حضرت جرؓیرکو یمن میں ایک یہودی عالم نے خبر دی کہ تمہارے نبیؐ آج وفات پاگئے ہیں۔ بعد میں اس کی تصدیق ہوئی کہ سوموار کے روز ہی رسول کریمﷺفوت ہوئے تھے۔(9)
حضرت عمرؓ کے زمانہ میں عراق ، قادسیہ اورتستر کی جنگوں میں حضرت جریرؓ نے بہت کارنامے انجام دئے۔ جب عراق کی جنگوں میںبعض جگہ مسلمانوں کو نقصان پہنچاتو انہوں نے مدینہ سے کمک منگوائی۔ انہی دنوں حضر ت عمرؓ کے پاس حضرت جریرؓ کے قبیلہ بجیلہ کا وفد آیا تھا۔ انہوں نے حضرت جریرؓ کو اس قبیلہ کاامیر لشکر مقرر کرکے انہیں بطور کمک بھجوایا۔ گویا یہ بجیلہ بٹالین یا رجمنٹ بن گئی جس نے ان جنگوں میں بہادرانہ کارنامے سرانجام دئے۔ فتح قادسیہ میں حضرت جریرؓ کا بڑا حصہ تھا۔ (10)
اخلاق فاضلہ
عہد بیعت کا خیال آخر دم تک تھاجسے خوب نبھایا۔ بہت باریکی سے اس کا خیال رکھتے۔ کہتے تھے۔’’ میں نے رسول اللہ ﷺکی بیعت سننے اور اطاعت کرنے پر کی تھی اور اس بات پر کہ ہر مسلمان کی خیرخواہی کروں گا۔ جب کسی سے سودا خریدتے او ر وہ اس چیزکی قیمت کی نسبت زیادہ پسند ہوتی تو عام لوگوں کے اسلوب سے ہٹ کر ہمدردی و خیرخواہی اور وفاء بیعت کے تقاضا سے کہتے ۔’’ تمہیں پتہ ہونا چاہیے کہ جو ہم نے تم سے خریدا ہے وہ ہمیں اس سے زیادہ اچھا لگتا ہے جو ہم نے تمہیں اسکے عوض دیاہے۔ یعنی دھوکے میں سودا نہیں ہوا۔‘‘ یہ تقویٰ کی باریک راہوں پر چلنے کا انداز تھا۔(11)
حضرت جریرؓ کوفہ میں قیام پذیر تھے۔ کوفہ کے امیر حضرت مغیرہ ؓ بن شعبہ فوت ہوگئے حضرت جریرؓنیبظاہر بے نظمی اورانتشار کے اس ہنگامی موقع پر مسلمانوں کو متحد رکھنے اور اہل کوفہ سے کمال ہمدردی کرتے ہوئے ایک خطبہ دیا۔اس میں کہا ’’تمہارا امیر فوت ہوگیا ہے نئے امیر کے آنے تک امن سے انتظار کرو۔ لوگو! اپنے امیر کیلئے مغفرت طلب کرو۔ وہ بھی تم سے عفوسے کام لیتا تھا۔جب میںنے رسول کریمﷺ کی بیعت خیر خواہی کی شرط پرکی تھی ۔اس مسجد کے رب کی قسم میں تمہارا خیرخواہ ہوکر یہ کہہ رہاہوں۔‘‘(12)
حضرت جریرؓ کی سیرت کے نمایاں وصف نرمی ،انکساراورتواضع تھے۔ وہ بیان کرتے تھے کہ رسول اللہ ﷺنے فرمایا جو نرمی سے محروم ہے وہ خیر سے محروم ہے۔
حضرت انسؓکہتے ہیںجرؓیر مجھ سے عمر میںبڑے تھے مگر سفرمیں میر ی خدمت کرتے اورکہتے آپ انصارمدینہ میں سے ہیں اوررسول اللہ ﷺکے خادم رہ چکے ہیں۔(13)
حضرت جریرؓ قبول اسلام کے بعدہمیشہ تقویٰ کی باریک راہوں پر قدم مارنے کی سعی کرتے تھے۔ایک دفعہ رسول کریمﷺ سے پوچھا کہ اچانک نامحرم عورت پر نظر پڑجائے تو انسان کیا کرے تو حضورؐ نے ارشاد فرمایا کہ نظر پھیر لیا کریں۔(14)
حضرت جریرؓ اپنا آنکھوں دیکھاایک اور عجیب نظارہ میں بیان کرتے ہیں کہ قبول اسلام کے بعد انہوں نے دیکھا کہ کسی غریب قوم کے فاقہ سے بدحال لوگوں کا ایک وفد آیا۔رسول اللہﷺ کا رنگ ان کی فاقہ کی حالت دیکھ کر متغیر ہوگیا۔پھر حضورؐ نے خطبہ دیا جس میں سورۃ نساء کی پہلی اورسورۃ حشر کی آیت(19) پڑھی اور مالی امداد کی تحریک کرتے ہوئے فرمایا کہ جس کی جو توفیق ہو درہم،کپڑے،گندم،کھجور حتیٰ کہ نصف کھجور کی بھی توفیق ہو تو دو۔
ایک انصاری کچھ کھجوریں لے آئے پھر دوسرا کچھ اور لے آیا۔یہاں تک کہ غلے کھانے اور کپڑوں کا ڈھیر جمع ہوگیا۔اسے دیکھ کررسول اللہ ﷺکا چہرہ دمک اٹھا۔فرمایا’’ جس نے نیک سنت قائم کی اسے اس کا اجر اور اس پر عمل کرنے والوں کو اجر ضرور ملے گا۔‘‘(15)
حضرت جریرؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺکے ہمراہ مدینہ سے سفر پرنکلے سامنے سے ایک سوار آتا تھا۔رسول اللہﷺ نے صحابہ سے فرمایا تمہاری طرف آنے کا ارادہ رکھتا ہے۔پھر اس سے پوچھا کہاں سے آرہے ہو۔اس نے کہااپنے کنبہ سے ۔کہاں جاناہے بولا رسول اللہ ﷺکے پاس آپؐ نے فرمایا۔ تم ان کے پاس پہنچ گئے اس نے ایمان کے بارہ میں پوچھ کر ارکان ایمان کو تسلیم کیا اورا سلام قبول کرلیا۔ رسول کریمﷺ اسے دوران سفراسلام کی تعلیم دے رہے تھے،اس دوران اس کے اونٹ کاپائوں چوہے کے بل میں پڑا اور وہ غیر متوازن ہوکر اچانک گرا۔جس پر وہ گردن کے بل گرا اور وہیں اس کی موت واقع ہوگئی۔رسول کریمﷺنے فرمایا اسے میرے پاس لائو۔حضرت عمارؓ،حضرت حذیفہؓ لے آئے اورعرض کیا کہ فوت ہوگیا ہے۔رسول کریمﷺ نے فرمایا میں نے دو فرشتوں کو اس کے منہ میں جنت کے پھل دیتے دیکھا اورمیں سمجھ گیا کہ جب ا سکی وفات ہوئی تو اسے بھوک لگی تھی۔
اس نے بے شک اس عرصہ میں بظاہر کم عمل کرنے کی توفیق پائی مگر قبول اسلام اور اخلاص میں بہت زیادہ اجر پانے والا بن گیا۔(16)
پھر یہ فرمایا ان لوگوں میں سے ہے جن کے بارہ میں(انعام :83)یعنی وہ لوگ جو ایمان لائے اور انہوں نے اپنے ایمان کے ساتھ ظلم کو نہیں ملایا۔یہی لوگ ہیں جن کے لئے امن ہے اور وہی ہدایت پانے والے ہیں۔حضور اس کے دفن کرنے میں خود شریک ہوئے۔
جریرؓ اہل بیت سے ہے
حضرت علیؓ سے روایت ہے کہ نبی کریمﷺنے حضرت جریر ؓ کے بارہ میں اپنے تعلق کا اظہار ان محبت بھرے الفاظ میں فرمایا تھا ۔
جَرِیرٌ مِنَّا اَھلَ الَبَیتِ۔جریر تواس طرح ہمارا اہل بیت ہے۔جس طرح پیٹ کے ساتھ پشت جڑی ہوئی ہے۔رسول کریمﷺ نے یہ الفاظ اپنے روحانی رشتہ کے اظہار کیلئے یا تو حضرت سلمانؓ فارسی کیلئے استعمال فرمائے جو رسولؐاللہ پر نہایت اخلاص سے ایمان لائے اور کمال اطاعت اور وفا سے اس پر قائم رہے۔ یہی محاورہ امت میں آنے والے امام مہدی کیلئے بھی استعمال کیاکہ وہ ہمارے اہل بیت سے ہوگا اور حضرت جریرؓ کو بھی ان کی خالص محبت و اطاعت کی وجہ سے اہل بیت میں سے قرار دیا۔ (17)
حضرت جریرؓ ایک دفعہ حضرت عمرؓ کی مجلس میں تھے۔ شرکاء مجلس میں سے کسی سے بدبو اٹھی تو حضرت عمرؓ نے فرمایا کہ میں اس بدبو پیدا کرنے والے شخص کو یہ حکم دیتا ہوں کہ وہ اٹھے اور جاکر وضو کرے۔ حضرت جریرؓ نے عرض کی امیر المومنین! آپ ہم سب کو یہ ارشاد فرمائیں کہ ہم وضو کرکے آئیں۔حضرت عمرؓ نے فرمایا ہاں سب وضوء کرکے آئیں۔پھر حضرت جریرؓ سے فرمایا آپ جاہلیت میں بھی سردار تھے اور اسلام میں بھی سردار ہو۔حضرت جریرؓ کا ایک پرحکمت قول معروف ہے کہ گونگا بن جانا چرب زبانی و دھوکہ دہی سے بہتر ہے اور گونگاہونا گالی گلوچ کرنے سے بہتر ہے۔(18)
رسول کریمﷺ نے حضرت جریرؓ کو یمن میں بعض قبائل پر نگران مقرر کرکے بھجوایا تھا۔ حضرت عمرؓ کے زمانہ میں وہ حضرت سعدؓ بن ابی وقاص کے پاس کوفہ آئے۔ حضرت عمرؓ نے پوچھا آپ نے حضرت سعدؓ کو ان کی امارت میں کیسا پایا؟حضرت جریرؓ نے کیا خوبصورت اورفصیح وبلیغ آنکھوں دیکھا حال بیان کیا انہوں نے کہا’’میں نے انہیں قدرو منزلت میں سب سے زیادہ باعزت اورمعذرت میں سب سے عمدہ پایا۔ وہ اپنے عوام کیلئے ایک شفیق ماں کی طرح ہیں جو انہیں وحدت کی لڑی میں پروئے رکھتے ہیں اس پر مستزاد ان کے وجود کی برکت ہے، انہیں کلید فتح وظفر نصیب ہے۔ اور وہ مقابلہ میں بہت مضبوط اور غالب ہیں۔ اور لوگوں کو قریش میں سے سب سے زیادہ عزیز ہیں۔‘‘
حضرت عمرؓنے فرمایا اب عوام کا حال سنائیں۔اس پر حضرت جریرؓ نے کہا اس کی مثال ترکش کے ملے جلے تیروں کی سی ہے جن میں کچھ سیدھے پر والے ہیں اور کچھ ٹیڑھے نشانہ لگنے والے اور سعدبن ابی وقاصؓ ایک ماہر ذہین نشانہ باز کی طرح ان کے ٹیڑھے پن کو درست کرتا ہے باقی اے عمرؓ! دلوں کے بھید تو اللہ ہی جانتا ہے۔
حضرت عمرؓ نے پوچھا لوگوں کے اسلام اور دین کی کیا حالت ہے۔ انہوں نے کہا وہ اپنے وقت پر نمازیں ادا کرتے ہیں اور اپنے حاکموں کی اطاعت کرتے ہیں۔ حضرت عمرؓ نے خدا کا شکر ادا کیا اور فرمایا الحمدللہ جب نمازہوتی ہے اور زکوۃ ادا کی جاتی ہے او رجب تک اطاعت ہے تب تک جماعت ہے۔
حضرت علیؓ کو آپ پر کامل اعتماد تھا۔ انہوں نے حضرت جریرؓ کو حضرت معاویہؓ کی طرف اپنا سفیر صلح بنا کر روانہ کیا تھا۔ حضرت معاویہؓ نے انہیں پہلے تو کافی دیر روک رکھا۔ پھر ان کے ساتھ ایک چمڑے کا ٹکڑا بطور نشانی محض ایک مہر لگا کر بغیر کسی تحریر کے بھجوایا۔ اور ساتھ اپنا ایک نمائندہ بھجوایا جو حضرت جریرؓ سے ان کی گفتگو کا احوال خود بیان کرے۔(19)
حضرت جریرؓ کی وفات 51سے 54ھ کے درمیان ہوئی ۔ آخری عمر میں کوفہ میں اور قرقیساء میں بھی سکونت فرمائی۔


حوالہ جات
1-
مسند احمد جلد4ص 358،اسد الغابہ جلد 1ص 379
2-
الاصابہ جز 1ص 242
3-
طبرانی بحوالہ مجمع الزوائد جلد9ص 372
4-
احمدو طبرانی بحوالہ مجمع الزوائد جلد9ص 372
5-
طبرانی بحوالہ مجمع الزوائد جلد 9ص 372
6-
مسند احمد جلد 4ص 357
7-
بخاری کتاب المغازی
8-
مسند احمد جلد 4ص 364
9-
اصابہ جز 1ص 242,243اسدا لغابہ جلد 1ص 279
-10
استیعاب جلد1ص 309
11-
مسند جلد 4س 364
12-
مسند احمد جلد 4ص 364
13-
مسند احمد جلد 4ص 366
-14
مسند جلد 4ص 359
-15
مسند احمدجلد4ص 359
-16
اصابہ جز 1ص 243
-17
اصابہ جز1ص 242-243
-18
استیعاب جلد1ص 309،310
-19
استیعاب جلد1ص 310

حضرت عبداللہؓ ذوالبجادین
تعارف و قبول اسلام
.8عبداللہ بن عبد نہم ذوالبجادین کا اصل نام عبدالعزیٰ تھا۔قبیلہ مزینہ سے تعلق رکھتے تھے۔ حضرت عبداللہ ؓ بن مغفل کے چچا تھے۔بچپن میں یتیم ہوگئے۔ چچا نے نازو نعم اور محبت شفقت سے پرورش کی۔
.8جب عبد اللہ تک اسلام کا پیغام پہنچا تو انہوں نے اسے قبول کر لیا۔چچا کو پتہ چلا تو اس نے عبداللہ ؓ کی والدہ کے ایماء پردھمکی دی کہ اگر تم دین محمدؐ کی پیروی کرو گے تو جو کچھ میں نے تمہیں دیا ہے سب واپس لے لوں گا۔ عبداللہؓ نے کمال استقامت سے جواب دیا کہ اب تو میں مسلمان ہوچکا ہوں۔ ان حالات میں انہوں نے ترک وطن کرکے رسول ؐ اللہ کی طرف ہجرت کرنے کا ارادہ کر لیا۔
.8 رسول کریم.8ﷺ.8نے انہیں اس مشرکانہ نام عبدالعزیّٰ کی بجائے عبداللہ کا بابرکت نا م اور ذوالبجادین کا لقب عطا فرمایا اور لقب کے پس منظر میں حضرت عبداللہؓ کے قبول اسلام اور قربانی کی درد ناک داستان آئندہ آنے والی نسلوں کیلئے محفوظ کردی۔
.8عبداللہؓ نے جب اسلام قبول کیا تو ان کی قوم کے لوگوں نے ان کے کپڑے تک اتار لئے۔والدہ رہ نہ سکی اور ایک موٹی چادر اپنے بیٹے کو اوڑھادی۔عبداللہؓ سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر اپنا اسلام بچا کر اسی چادر میں گھر سے بھاگ نکلے۔ ارادہ رسول کریم.8ﷺ.8 کی خدمت میں آنے کا تھا۔ جب مدینہ کے قریب میں اس چادر کے دو ٹکڑے کرکے نصف کا تہ بند بنایا اور دوسری نصف اوپراوڑھ لی۔ مدینہ پہنچے ۔صبح کی نماز کے بعدرسول کریم.8ﷺ.8 کی نظر پڑی تو آپ نے نووارد اجنبی پاکر پوچھا کہ آپ کون ہو؟ کہا عبدالعزیٰ فرمایا نہیں تم آج سے عبداللہؓ ذوالبجادین ہویعنی دوچادروں کے ٹکڑوں والے۔بس تم میرے درپر دھونی مار کے بیٹھ رہو اور یہ وفا شعار رسول اللہ.8ﷺ.8 کے در کا مجاور ہوگیا۔ دن رات بآواز بلند قرآن پڑھنے کا شغل رہتایا تسبیح و تحمید اور تکبیر میں وقت گزرتا۔ (1)
حسن تلاوت
.8حضرت ابن الادرع .8ؓ.8بیان کرتے ہیں کہ میں نبی کریم.8ﷺ.8 کی حفاظت کی ڈیوٹی پر مامور تھا۔ ایک رات حضوؐر کسی کام سے باہر نکلے تو مجھے ڈیوٹی پر موجود پاکر میرا ہاتھ پکڑا۔ ہم چل پڑے اور ایک ایسے شخص کے پاس سے گزرے جو نماز میںبآواز بلند قرآن پڑھ رہا تھا۔ نبی کریم.8ﷺ.8 نے تلاوت کالہجہ سن کر فرمایا یہ کوئی ریا کار معلوم ہوتا ہے۔ ابن الادرع .8ؓ.8نے عرض کیا یہ شخص تو نماز میں بآواز بلند قرآن پڑھ رہا ہے۔فرمایا تم یہ چیز زبردستی اور طاقت سے حاصل نہیں کرسکتے۔پھر ایک اور رات ایسا ہوا کہ میں حفاظت کی ڈیوٹی دے رہا تھا۔.8رسول کریم.8ﷺ.8 کسی کام سے باہرتشریف لائے اور ہم ایک اور شخص کے پاس سے گزرے جو نماز میں بلند آواز قرآن کی تلاوت کر رہا تھا۔ تب میں نے عرض کیا یہ بھی کہیں کوئی ریاکار نہ ہو ۔ نبی کریم.8ﷺ.8نے اس کی آواز سن کر فرمایا نہیں نہیں۔ یہ تو عاجز اورجھکنے والا بندہ معلوم ہوتا ہے میں نے جاکر دیکھا تو عبداللہ ذوالبجادین تھے۔ (2)
.8دوسری روایت میں ہے کہ حضرت عمرؓ نے ان کی بلند آواز تلاوت سن کر پوچھا یارسولؐ اللہ یہ ریاکار تو نہیں ہے فرمایا.8رہنے.8 دو۔وہ یقینا درد مند دل والا انسان ہے۔
.8حضرت عقبہؓ بن عامر کہتے ہیں کہ رسول کریمؐ نے ایک شخص کے بارہ میں جسے ذوالبجادین کہتے تھے فرمایا کہ ’’یہ بڑا دردمند دل رکھنے والا ہے وجہ یہ تھی کہ وہ قرآن شریف کی تلاوت بڑی کثرت سے کرتا تھا اور بآواز بلند .8دعا بھی .8کرتا تھا۔‘‘ (3)
دعائے رسولؐ اور انجام بخیر
.8حضرت عبداللہ ؓ بن مسعود بیان کرتے ہیں کہ غزوہ تبوک کا واقعہ ہے۔ میں آدھی رات کو بیدار ہوا تو لشکر کے ایک حصہ میں آگ کے شعلہ کی روشنی دیکھی۔ وہاں پہنچا تو عبداللہؓ ذوالبجادین وفات پاچکے ہیں اوررسول اللہ.8ﷺ.8 اور ابوبکرؓ ،عمرؓ وہاں موجود ہیں۔(4)
.8حضرت عبداللہ ؓ بن مسعود بیان کرتے تھے کہ اب بھی مجھے وہ نظارہ خوب یاد ہے جب غزوہ تبوک میں ذوالبجادین کی قبر میں اترے ہوئے تھے۔ حضرت ابوبکرؓ اور حضرت عمرؓ انہیں قبر میں اتار رہے تھے۔رسول کریم.8ﷺ.8 نے فرما یا ۔ اپنے بھائی کو میرے قریب کرو۔ آپؐ نے قبلہ رخ سے انہیں لیا اور لحد میں خود اپنے ہاتھوں سے اتارا۔ پھر رسول اللہ.8ﷺ.8 قبر سے باہر تشریف لائے اور صحابہ نے قبر تیار کی۔ جب فارغ ہوئے تو رسول کریمؐ نے قبلہ کی طرف منہ کرکے ہاتھ اٹھائے اور دعا کی.8 اَللّٰھُمَّ اِنِّی اَمسَیتُ عَنہُ راضِیاً فَارضِ عَنہُ.8 ۔اے اللہ میں اس سے راضی تھا تو بھی اس سے راضی ہو جانا۔(5)
.8حضرت عبداللہؓ بن مسعود کہا کرتے تھے کہ میں نے ذوالبجادین سے پندرہ سال قبل اسلام قبول کیا تھا ۔ اس وقت میری دلی تمنا ہوئی کہ اے کاش! آج ذوالبجادین کی جگہ میں اس قبر میں دفن ہوتا اور رسول اللہ.8ﷺ.8 کی اس دعا کا وارث ٹھہرتا۔(6)
.8خوش نصیب تھے عبداللہؓ جو انجام بخیر کے ساتھ اس حالت میں دنیا سے رخصت ہوئے کہ رسول خدا .8ﷺ.8کی دعائے خاص کے وارث ہوئے۔ آپ سے حضرت عمروؓبن عوف مزنی صحابی رسول بعض احادیث کے راوی ہیں۔
حوالہ جات
1-
اسد الغابہ جلد 3ص 122,123،استیعاب جلد3ص125
2-
احمد بحوالہ مجمع الزوائدجلد 9ص 369
3-
احمد بحوالہ مجمع الزوائدجلد 9ص 369
4-
اصابہ جز 4ص 98
5-
مجمع الزوائدجلد 9ص 369
6-
اسد الغابہ جلد 3ص 123
.8
حضرت زاہرؓ بن حرام
نام وتعارف
حضرت زاہرؓ بن حرام کا تعلق بنو اشجع قبیلہ سے تھا۔ انہیں نبی کریمؐ کے ساتھ غزوہ بدر میں شرکت کی توفیق ملی۔
حضرت انسؓ اور حضرت سالمؓ بیان کرتے تھے کہ زاہر بن حرام صحابی رسولؐ صحراء کے رہنے والے تھے۔وہ رسول کریمﷺکیلئے صحراء سے تحفے لیکر آیا کرتے تھے ۔ جب وہ واپس گائوں جانے لگتے تو نبی کریمﷺ انہیں تحائف عطا فرماکر رخصت کرتے اور فرماتے زاہر ہمارا دیہاتی اور ہم اس کے شہری ہیں۔ ہر چند کہ زاہرؓ ایک بالکل سادہ اور ادنیٰ سی شکل کا آدمی تھا۔رسول کریمﷺاس کی سادگی اور اخلاص کی وجہ سے اس سے بہت محبت کرتے تھے۔
محبت رسولؐ کے مورد
ایک روززاہرؓ اپنا سامان فروخت کرنے گائوں سے شہر آئے اور رسول اللہﷺ کے پاس آنے کی بجائے سیدھا گائوں بازار سودا بیچنے چلے گئے۔ رسول کریمﷺکا ادھر سے گزر ہوا تو دیکھا کہ وہ منڈی میں اپنا سودا بیچ رہے ہیں۔ آپؐ نے اپنی محبت کے اظہار کیلئے پہلے تو زاہرؓ کو کندھوں کے پیچھے سے پکڑ کر جپھی ڈال لی پھر ان کی آنکھوں پر ہاتھ رکھ لئے ۔ ان کا منہ دوسری طرف تھا۔ حضورﷺ کو دیکھ نہیں سکے۔ اپنے دھیان میں ہی کہنے لگے، کون ہو مجھے چھوڑ دو! پھر جو گردن گھمائی تودیکھا کہ رسول خداﷺہیں پہلے توفرط محبت میںآپؐ کا ہاتھ چوما۔ پھر اپنے لاڈ اور پیار کا اظہار کرتے ہوئے خوشی سے اپنی پشت حضورؐ کے سینہ سے ملنے لگے۔ رسول کریمﷺ نے فرمایا کوئی ہے جو اس غلام کو خریدے؟ وہ کہنے لگے یا رسولؐ اللہ! پھر تو آپ مجھے بہت کم قیمت پائیں گے۔ نبی کریمﷺنے فرمایا نہیں نہیں تم کم قیمت نہیں۔ اللہ کے ہاں تمہاری بڑی قدرہے۔
دوسری روایت میں ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا’’اللہ کے نزدیک تم بہت منافع پانے والے ہو۔‘‘ نیز یہ بھی روایت ہے کہ آپؐنے فرمایا ’’ہر شہری کا کوئی دیہاتی (رابطہ )ہوتا ہے اور آل محمدﷺ کا دیہاتی زاہر بن حرام ہے۔‘‘زاہرؓ بعد میں کوفہ منتقل ہوگئے تھے۔(٭)
حوالہ جات
٭ مسند احمد جلد3ص 161۔مجمع الزوائد جلد9ص 368
اصابہ جز 3ص 2
اسد الغابہ جلد2ص 192 ، جلد 3ص 112
استیعاب جلد2ص 88


حضرت عثمان ؓ بن عفّان
نام ونسب
آپ کا نام عثمان والد کا نام عفّان بن ابی العاص بن امیہ اور والدہ کا نام اروی بنت کرویزبن ربیعہ تھا۔ آپ کا سلسلہ نسب پانچویں پشت میں آنحضرت ﷺ کے جدامجد عبدمناف سے مل جاتا ہے۔ کنیت حضرت رقیہؓ کے بیٹے عبداللہ کی نسبت سے ابوعبداللہ تھی۔ (1)
والدہ کی طرف سے رشتہ نبی کریم ﷺ سے نسبتاً قریب تر ہے۔ لقب’’ ذوالنورین‘‘ اس لیے ہوا کہ نبی کریمﷺکی دو صاحبزادیاں حضرت رقیہؓ اور حضرت ام کلثومؓ یکے بعد دیگرے آپ کے عقد میں آئیں۔(2)
آپ کا خاندان جاہلیت میں غیرمعمولی اقتدار رکھتا تھا اور بنو ھاشم کے سوا کوئی اس کا ہمسر نہ تھا۔آپ کے جدّاعلیٰ امیہ بن عبدشمس قریش کے رؤسأ میں سے تھے۔آپ نے بھی عرب کے دستور کے مطابق تجارت سے اپنے ذریعۂ معاش کا آغازکیا۔ اور اپنی صداقت و دیانت کے باعث جلد ایک کامیاب تاجر ثابت ہوئے۔
قبول اسلام
حضرت عثمانؓ کی عمر 34برس تھی جب انہوں نے رسول اللہ ﷺکی دعوت کے بارے میں سنا۔ بظاہر ان کے لئے یہ پیغام اجنبی تھا۔ مگر پاک طبیعت اور فطرت کو اس سچائی سے گہری مناسبت تھی۔ پہلے ہی رسول اللہؐ کے ظہورکی خبربذریعہ رؤیا پاچکے تھے۔ ایک دفعہ وہ حضرت طلحہؓ کے ساتھ رسول ؐاللہ کی خدمت میں حاضرہوئے اور حضوؐر نے قرآن سناکر اسلامی تعلیم پیش کی تو حضرت عثمان ؓ نے دل سے اسے قبول کیا اوریہ بھی اظہار کیا کہ یارسولؐ اللہ میں حال ہی میں ملک شام سے آیا ہوں۔ واپسی پر معان اور زرقاء مقام کے درمیان ہماراپڑائو تھا۔ ہم سوئے ہوئے تھے کہ ایک اعلان کرنے والے نے کہا ’’اے سونے والو! جاگو کہ احمدؐمکّہ میں ظاہر ہوگیا ہے۔‘‘ حضرت عثمانؓ نے رسولؐ اللہ کے دارارقم میں جانے سے بھی قبل بہت ابتدائی زمانے میں اسلام قبول کرلیاتھا۔(3)
دوسری روایات میں آپ کے قبول اسلام کے واقعہ کی تفصیل اس طرح ہے کہ مکہ میںپہلی دفعہ حضرت عثمانؓ نے اپنی خالہ سُعدیٰ بنت کریز سے سنا کہ محمدﷺ اللہ کے رسول ہیں۔ وہ اللہ کے پیغام کی طرف بلاتے ہیں اور ان کا دین غالب آئے گا۔ حضرت عثمان ؓ کہتے ہیں یہ بات میرے دل میں بیٹھ گئی۔میں انہی باتوںپرغور کر رہا تھا کہ حضرت ابوبکرؓ نے ایک دوستانہ مجلس میں پوچھ لیا کن سوچوں میں گم ہو؟ میں نے خالہ کی بات کہہ سنائی اس پر انہیں تبلیغ کا موقع مل گیا۔کہنے لگے اے عثمانؓ! تم حق وباطل میں فرق کرسکتے ہو اور ان اندھے بہرے گونگے بتوں کی پرستش کرتے ہو جو نہ فائدہ دے سکتے ہیں نہ نقصان۔ میں نے کہا بات تو درست ہے ۔ وہ کہنے لگے ’’پھرتمہاری خالہ نے سچ ہی تو کہا ہے۔ اور اگر شوق ہے تو رسولؐ اللہ کے پاس آکران سے کچھ کلام سنو۔‘‘حضرت ابوبکرؓ نے یہ بات رسول اللہﷺتک پہنچادی۔ جلد ہی اللہ تعالیٰ نے اس کی صورت پیدا کردی۔
حضرت عثمانؓ بیان کرتے ہیں’’میںاپنی خالہ ارویٰ بنت عبدالمطلب کی عیادت کرنے گیا وہاں حضورﷺ سے ملاقات ہوئی۔آپؐنے مجھ پر نگاہ ڈالی۔ اس روز آپؐ کی ایک عجیب شان تھی۔ مجھے فرمایاعثمان تمہیں کیا ہوا ہے؟ میں نے کہا ’’مجھے تعجب ہے کہ ہمارے درمیان آپ کاایک مقام ومرتبہ ہے اس کے باوجود آپ پر کیچڑ اچھالا جاتا ہے۔‘‘آپؐ نے بڑے جلال سے فرمایا۔’’ لَااِلٰہَ اِلَّااللّٰہُ۔ خدا کے سوا کوئی معبود نہیں۔‘‘ خدا جانتا ہے یہ سن کر میں کانپ گیا۔ پھر آپؐ نے سورۃ ذاریات کی وہ آیات تلاوت کیں ۔ جن میں اللہ تعالیٰ کی ہستی کا ثبوت یوں بیان ہے ’’اور آسمان میں تمہار ار ازق ہے اوروہ بھی جس کا تم وعدہ دئے جاتے ہو اور زمین کے رب کی قسم یہ اس طرح سچ ہے جس طرح تم آپس میں باتیں کرتے ہو۔ ‘‘ (الذاریات 23 , 24 ) پھر وہاں سے نکلے تومیں بھی آپؐ کے پیچھے گیا۔
رسول خداﷺکی نظرجب مجھ پرپڑی تو فرمایا ’’عثمانؓ خدا کی جنت قبول کرو۔ میں تیری اور تمام مخلوق کی ہدایت کے لئے مبعوث ہوا ہوں۔‘‘
حضرت عثمان ؓکہتے ہیں کہ مَیں نے اُسی وقت کلمۂ شہادت پڑھ کر دست مبارک میں ہاتھ دیا اور بیعت کرلی۔(4)
مظالم پر صبر
قبول اسلام کے بعد حضرت عثمان ؓ بھی کفّارِ قریش کے مظالم کا تختۂ مشق ستم بنتے رہے۔
چنانچہ قبول اسلام پر ان کے چچاحکم بن ابی العاص بن امیہ نے آپ کو پکڑکررسوں سے باندھ دیا۔ وہ کہتا تم اپنے آباء اجداد کا دین چھوڑ کر نیا دین اختیارکرتے ہو؟ خدا کی قسم میں تمہیں کھولوں گا نہیںجب تک یہ نیا دین چھوڑنہ دو۔ حضرت عثمانؓ کمال استقامت سے جواب دیتے ’’خدا کی قسم میں یہ نہیں چھوڑوںگا۔ کبھی نہیں چھوڑونگا۔‘‘ جب چچا نے اسلام پر ان کی مضبوطی دیکھی توخود ہی تھک کر انہیں چھوڑ دیا۔(5)
شادی اور ہجرت حبشہ
قبول اسلام کے بعد سب سے بڑی سعادت جو حضرت عثمان ؓ کے حصّہ میں آئی وہ رسول اللہﷺکی صاحبزادی حضرت رقیہؓ سے آپ کی شادی ہے۔ جس کے کچھ عرصہ بعداپنے اصحاب کی تکالیف دیکھ کر رسول کریمﷺ نے ان سے فرمایا کہ ملک حبشہ میں ایک عادل بادشاہ ہے۔ جب تک مکّہ میںحالات بہتر نہیں ہوتے آپ لوگ وہاں ہجرت کرجائو۔خدا کی خاطر وطن چھوڑنے کی یہ قربانی کرنے والے اولین مجاہدین میں حضرت عثمانؓ بھی تھے۔(6 )
رسول کریمﷺنے آپ کو ہجرت میں سبقت کے لحاظ سے اول المہاجرین قراردیا۔ چند سال حبشہ میں قیام کے بعد قریش کے اسلام لانے کی خبرسن کر آپ بعض دیگر مہاجرین کے ساتھ مکّہ واپس آئے۔ ہرچند کہ قریش کے مسلمان ہونے کی خبرغلط نکلی۔ مگر آپ مہاجرین حبشہ کے ساتھ دوبارہ حبشہ واپس نہیں گئے۔
جب آپ نے مخالفین کی ایذاء رسانیوں اور بدکلامی سے پریشان ہوکر ہجرت کا ارادہ کیا تو رسول کریمﷺنے انہیں ارشاد فرمایا کہ اپنی اہلیہ صاحبزادی رقیہؓ کو بھی ہمراہ لے جائیں۔ غریب الوطنی میںتم میں سے ایک اپنے دوسرے ساتھی کے لئے صبرو قرار کا موجب ہوگا۔ چونکہ یہ کسی مسلمان کامکّہ چھوڑنے کا پہلا واقعہ تھا۔ رسول کریمﷺکو طبعاً فکر دامنگیرتھی کہ اس کے تمام مراحل رازداری سے طے ہوجائیں۔ چنانچہ آپ ؐفکرمندی سے اس پہلے مہاجر جوڑے کے بارے میں خبریں معلوم کرتے رہے۔ حضرت اسمائؓ نے یہ خبردی کہ حضرت عثمان ؓ ایک خچرپر پالان ڈال کر سمندر کی طرف گئے ہیں۔(7)
الغرض رسول اللہ ﷺبڑی توجہ سے اپنے ان پیاروں کے احوال معلوم کرنے کی کوشش میں رہے۔ چنانچہ قریش کی ایک عورت نے آکر کہا’’ اے محمدؐ! میں نے آپ کے داماد کو دیکھا ہے ان کے ساتھ اس کی بیوی تھی۔ ‘‘آپ ؐنے فرمایا ’’تم نے ان کو کس حال میں نے دیکھا؟‘‘ اس نے کہا’’ میں نے دیکھا کہ عثمانؓ نے اپنی بیوی کو گدھے پر سوار کررکھا ہے اور خود اسے ہانکتے جارہے ہیں‘‘ رسول اللہ ﷺنے فرط محبت میں اس جوڑے کو دعا دی۔ اللہ ان دونوں کے ساتھ ہو۔ (8)
رسول کریمﷺنے فرمایاحضرت لوطؑ کے بعد حضرت عثمانؓ وہ پہلا مہاجر ہے جس نے اپنی بیوی کے ساتھ خدا کی راہ میں ہجرت کی ہے۔(9)
مؤاخات
اسی دوران اللہ تعالیٰ نے ہجرت مدینہ کے سامان پیدا فرمادیئے۔ تو حضرت عثمان ؓ نے مع اہل وعیال مدینہ کی طرف ہجرت فرمائی۔ وہاں حضرت حسانؓ بن ثابت کے بھائی حضرت اوسؓ بن ثابت کے گھر ٹھہرے۔ رسول کریمﷺ نے مدینہ تشریف لاکر مؤاخات کا سلسلہ جاری فرمایا تو حضرت اوسؓ بن ثابت کے ساتھ حضرت عثمان ؓ کی مواخات قائم فرمائی۔ (10)
ہجرت مدینہ کے معاً بعد مسلمانوں کو جس بڑے مسئلے کا سامناکرنا پڑا وہ پینے کے پانی کی دقت تھی۔ مدینے میں ایک ہی کنوا ں ’’بئر رومہ‘‘ تھا جو ایک یہودی کی ملکیت تھا اور وہ اس کا پانی فروخت کیا کرتا تھا۔حضرت عثمان ؓ نے یہ کنواں خرید کرراہ خدا میں وقف کردیا۔ اور مسلمانان مدینہ کی یہ مشکل ہمیشہ کے لئے آسان کردی۔(11)
بیوی کی تیمارداری
ہجرت مدینہ کے بعد کفّارِ مکہ جب مدینہ پر حملہ آور ہوئے تو اسلام کے پہلے معرکہ غزوہ بدرکے موقع پراپنی اہلیہ حضرت رقیہؓ کی بیماری کے باعث حضرت عثمانؓ رسول کریم ﷺ کی اجازت سے شریک جنگ نہ ہوسکے تھے جس کاآپ کودلی قلق تھا۔ لیکن چونکہ آپ رسول کریم ﷺکے ارشاد کی تعمیل میں اپنی اہلیہ کی تیمارداری کے لئے مدینہ ٹھہرے تھے۔ رسول اللہﷺنے بدر سے واپسی پر فرمایا کہ ’’اے عثمان ؓ آپ کو شرکت کا اجر بھی ملے گا او رمالِ غنیمت سے حصہ بھی۔‘‘(12)
صاحبزادی ام کلثوم ؓ سے شادی
حضرت رقیہ ؓ اس بیماری سے جانبرنہ ہوسکیں ان کے انتقال پرُ ملال پر حضرت عثمانؓ افسردہ خاطرتھے کہ آپ کا رشتہ مصاہرت خاندانِ رسالت سے نہیں رہا۔ تب رسول خدا ﷺنے اپنی دوسری صاحبزادی حضرت ام کلثومؓ کا نکاح آپ سے کردیا۔ حضرت عثمان ؓ کے اہل خانہ سے حسن سلوک اور آپ کی وفا کا اندازہ اس سے کیا جاسکتا ہے کہ جب حضرت ام کلثوم ؓکی وفات ہوئی تو آنحضرتﷺ نے فرمایا اگر میری کوئی تیسری بیٹی بھی ہوتی تو میںوہ بھی عثمانؓ سے بیاہ دیتا۔غزوۂ ذات الرقاع اور غزوۂ نجد کے موقع پر رسول کریمﷺنے حضرت عثمانؓ کو مدینہ میں اپنا جانشین مقررفرمایا تھا۔ رسول کریمﷺ نے فرمایا کہ ’’میں نے اپنے دامادوں کیلئے اور جن کا میں داماد ہوا ،ان کیلئے اللہ سے دعا کی ہے کہ ان میں سے کسی کو آگ میں داخل نہ کرے۔‘‘(13)
کاتبِ وحی
حضرت عثمانؓ کو رسول اللہﷺکے کاتب وحی ہونے کا اعزاز بھی حاصل تھا۔ ایک دفعہ رسول کریمﷺکے ساتھ ایک گھر میں مہاجرین کی مجلس تھی۔ ابوبکرؓوعمرؓ،عثمانؓ، علیؓ ، طلحہؓ، زبیرؓ، عبدالرحمنؓ بن عوف اور سعدبن ابی وقاصؓ موجود تھے۔ رسول کریمﷺنے فرمایا ہرشخص اپنے اپنے ساتھی کے ہمراہ کھڑا ہو۔ خود رسول اللہﷺحضرت عثمان ؓ کے ساتھ کھڑے ہوگئے اور فرمایا’’ آپ دنیا وآخرت میں میرے دوست ہو۔‘‘(14)
حدیبیہ میں شرکت
حضرت عثمان ؓ غزوہ بدر کے بعد دیگرتمام غزوات میں بھی رسول اللہﷺ کے ہمرکاب رہے اور ہرحال میںآپ کا ساتھ دیا۔ سفر حدیبیہ میں بھی ساتھ تھے۔ رسول اللہﷺ کی بصیرت نے جب یہ بھانپ لیا کہ قریش کی نیت لڑائی کی ہے او روہ اس سال عمرہ کرنے نہیں دیں گے توآپؐ نے حضرت عثمان ؓ کوان کی خاندانی وجاہت ومرتبت کے باعث قریش کی طرف سفیربناکر مکہ بھجوایا۔حضرت عثمان ؓ کو وہاں رابطے کرنے اور گفت و شنید میں دیر ہوگئی۔ اورکافی دیر تک ان کا کچھ حال معلوم نہ ہوا بلکہ یہ افواہ پھیل گئی کہ اہل مکہ نے ان کو شہید کردیا ہے تو رسول اللہ ﷺ نے حدیبیہ کے مقام پر اپنے چودہ صد (1400)اصحاب سے موت پر بیعت لی کہ ہم جان دے دیں گے مگر عثمان ؓ کے خون کا بدلہ لئے بغیر نہیں ٹلیں گے۔ رسول خدا ؐنے اس موقع پر حضرت عثمان ؓ کو عظیم الشان شرف عطاکیا کہ انہیں اس تاریخی بیعت میں شامل کرتے ہوئے آپؐ نے اپنا دایاں ہاتھ بائیں پر رکھتے ہوئے فرمایا کہ یہ عثمان ؓ کا ہاتھ ہے۔ اور یوں آپ ؐنے تمام اصحاب کی بیعت لی۔(15)
یہ تاریخ سازواقعہ’’ بیعت رضوان‘‘ کے نام سے معروف ہے کیونکہ اس بیعت پر اللہ تعالیٰ کی طرف سے خوشنودی اور رضامندی کا اظہار قرآن شریف میں ہوا۔(سورۃ الفتح:20)
تبوک میں مالی قربانی
9ھجری میں غزوۂ تبوک پیش آیا۔مسلمانوں کو قیصر روم کے حملہ آورہونے کی خبر پہنچی۔ رسول کریم ﷺ نے تبوک کا سفر اختیار فرمایا تاکہ رومیوں کو ان کی سرحدوں پر ہی روک دیا جائے۔ آپؐ نے جنگی سازو سامان کے لئے مسلمانوں کو چندے کی تحریک کی اور فرمایا کہ ’’جو شخص لشکر کی تیاری میں مددکرے گا اور سامان جہاد مہیاکرے گا میں اسے جنت کی بشارت دیتا ہوں۔‘‘(16)
حضرت عثمان ؓ ایک متمول تاجرتھے۔ اس موقع پر وہ دیگر صحابہ سے مالی قربانی میں سبقت لے گئے ۔انہوںنے ایک تہائی فوج کے جملہ اخراجات اپنے ذمّے لے لیے ان کی تمام ضروریات پوری کیںاور تیس ہزار کی فو ج میں سے دس ہزار مجاہدین کے لئے سامان جنگ مہیا کیا۔ جس میںنوصدپچاس اونٹ پچاس گھوڑے اور دس ہزار درہم کی خطیر رقم شامل تھی۔رسول اللہ ﷺاس بروقت امداد اور مالی قربانی سے اتنے خوش ہوئے کہ فرمایا’’ آج کے بعد عثمانؓ کا کوئی عمل اُسے نقصان نہیں پہنچائے گا۔‘‘(17)حجۃ الوداع میں بھی حضرت عثمان ؓ آنحضرت ﷺکے شریک سفر تھے۔
قیام خلافت میں خدمات
رسول اللہ ﷺکی وفات کے بعد حضرت ابوبکرؓ کی بیعت کرکے ان کے ہاتھ مضبوط کئے۔ حضرت عمرؓ کی نامزدگی خلافت کا وصیت نامہ آپ نے تحریر فرمایا۔ حضرت عمرؓ نے اپنی آخری بیماری میں چھ صحابہ کی کمیٹی بنائی اس میں بھی آپ شامل تھے جو انہوں نے خلافت کے انتخاب کے لئے مقرر فرمائی اورجس نے خلیفہ کا انتخاب انہی چھ افراد میں سے کرنا تھا۔
انتخاب خلافت اور پہلی تقریر
24ھ میں حضرت عمرؓ کی وفات کے بعد خلافت کے انتخاب کے موقع پر شوریٰ کمیٹی کے سربراہ حضرت عبدالرحمنؓ بن عوف کے فیصلہ کے مطابق حضرت عثمان ؓ خلیفہ منتخب ہوئے۔ سب سے پہلے حضرت عبدالرحمانؓ بن عوف نے بیعت کی۔ پھر حضرت علی ؓ اور تمام صحابہ نے جوق درجوق بیعت کی۔اپنی پہلی مختصرتقریر میں فرمایا ’’اے لوگو! پہلے پہل جو کام کیا جائے وہ مشکل معلوم ہوتا ہے۔ آج کے بعد اور دن بھی آنے ہیں اگر میںزندہ رہا تو حسب حال وضرورت تقریرکیا کروں گا۔ بے شک مجھے تقریرکا ملکہ نہیں ہے مگر اللہ ہمیں سکھائے گا۔‘‘ (18)
آخری خطاب میں ارشادات
مسند خلافت پر بیٹھنے کے بعد اللہ تعالیٰ نے آپ کی تقریر میں غیرمعمولی تاثیر عطافرمائی۔ اپنے گھر کے محاصرہ کے دوران آخری ایام میںجو خطبات آپؓ نے ارشادفرمائے، آج بھی ان کو سن کر رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں۔ محاصرہ کرنے والوں کو مخاطب کرکے فرمایا:۔
’’اے میری قوم! مجھے قتل نہ کرو۔ میں حاکم وقت اور تمہارا مسلمان بھائی ہوں اور خدا کی قسم! میں نے ہمیشہ اپنی استطاعت کے مطابق اصلاح کا ہی ارادہ کیا خواہ اس میں مجھے غلطی لگی یا میں نے درست کیا۔ اگر تم مجھے قتل کروگے تو تمہاری وحدت پارہ پارہ ہوجائے گی اور نماز،جہاد اور غنیمت کی منصفانہ تقسیم سے محروم ہوجائو گے۔‘‘
آپؓ نے نہایت مؤثر اور فیصلہ کن وعظ کرتے ہوئے بڑ ے جلال سے فرمایا:۔
’’میں تمہیں خدا کی قسم دے کر پوچھتا ہوں۔ مجھے بتائو کہ کیا میں نے خلافت پر کوئی غاصبانہ قبضہ کیا ہے اور مسلمانوں کے مشورہ کے بغیر خلیفہ بن گیا ہوں۔ یا تمہارا خیال ہے کہ اللہ تعالیٰ میری خلافت کے ابتدائی زمانہ میں مجھے نہیں جانتا تھا یا خلافت کے آخری زمانہ میں اسے میرے بارے میں خبر نہیں۔ اے لوگو! مجھے قتل کرکے تم دشمن کا کبھی متحد ہو کر مقابلہ نہ کرسکو گے۔ اور انگلیاں کھول کر فرمایا تمہارے اند راس طرح واضح اختلاف پید اہوجائے گا۔‘‘ پھر آپ نے سورۃ ھود کی آیت90تلاوت کی جس میں ذکر ہے کہ ’’اے میری قوم! تمہیں میری مخالفت اس بات پر آمادہ نہ کردے کہ تم پر وہ عذاب آئے جو قوم نوحؑ، قوم ھودؑ اور قوم صالحؑ پر آچکا ۔ اور لوطؑ کی قوم تم سے دور نہیں ہے۔‘‘(19)
بہترین خدائی انتخاب اور فتوحات
حضرت عبداللہ بن مسعوؓد حضرت عثمانؓ کی بیعت خلافت کے بعد کہا کرتے تھے کہ ہم نے اپنے میں سے سب سے بہتر انسان کے ہاتھ پر بیعت کی اور اس بہترین انسان کے انتخاب میں کوئی کوتاہی نہیں کی۔(20)
حضرت عثمان ؓکے عہد میں بھی اسلامی فتوحات کا سلسلہ جاری رہا او رطرابلس ، جزائر مراکش، قبرص اور آرمینا فتح ہوئے۔ اور سپین کی فتح کی داغ بیل پڑی۔آپ کی خلافت کے پہلے چھ سال بہت امن و امان سے گزرے۔
فتنوں کا مقابلہ
اس کے بعد جن فتنوں کا آغاز ہواا ن کے پس منظر میں دراصل کئی گہرے اسباب وعوامل کارفرماتھے۔مگر ایک اہم سبب فتوحات کے نتیجہ میں مال و دولت کی فراوانی اور غیر تربیت یافتہ لوگوں کا کثرت سے اسلام میں داخل ہوناتھا۔(21)
اس فتنے کا بانی مبانی دراصل عبداللہ بن سبا تھا۔ جو مصر کا یہودی النسل باشندہ تھا۔اور جس نے مختلف الخیال مفسدوں عبدالرحمان البلوی، کنانہ کندی، عمروخزاعی، اشترنخعی ،حکیم عبدی کو خلافت عثمانؓ کے خلاف اکٹھاکرلیا تھا۔ یہ شورش جب اپنے عروج پر پہنچی تو حضرت عثمان ؓسے خلافت کی دستبرداری کا مطالبہ کیا گیا۔حضرت عثمانؓ نے نہایت پامردی اور استقامت سے اس ارشاد رسولؐ پر اپنی زندگی کے آخری سانس تک عمل کردکھایا جو آنحضرتﷺنے انہیں مخاطب کرکے فرمایاتھا کہ’’ اے عثمان ؓ اللہ تجھے ایک پوشاک پہنائے گا اور اگر منافق اسے اتارنے کا ارادہ کریں تو تُو اُسے مت اتارنا۔‘‘ حضرت عثمان ؓ نے فرمایا کہ اس وصیت رسول کے مطابق میں آخری لمحے تک صبرکروں گا۔(22)
آنحضرتﷺنے اپنی زندگی میں ہی حضرت عثمانؓ کی شہادت اور آپ کے جنتی ہونے کی خبر دے دی تھی۔ ایک موقع پر حضرت ابوبکر ؓ صدیق ،حضرت عمرؓ اور حضرت عثمان ؓ کے ساتھ جبل احد پر تھے کہ پہاڑ میں کچھ جنبش پیدا ہوئی۔ آپ نے فرمایا ’’ اے اُحد تھم جا تیرے پرایک نبی ایک صدیق اور دو شہید ہیں۔‘‘نیز’’ فرمایاہر نبی کا ایک رفیق ہوتا ہے اورمیرارفیق جنت میں عثمان ؓہوگا۔‘‘(23)
حضرت ابو موسیٰ ؓ اشعریؓ کی روایت ہے کہ رسول کریمؐ ایک باغ میں تشریف لے گئے اور مجھے پہرہ پر بٹھایا حضرت ابوبکرؓ، عمر اور عثمانؓ نے باری باری اندر داخل ہونے کی اجازت چاہی حضوؐر نے سب کو اجازت کے ساتھ جنت کی نوید بھی سنائی۔حضرت عثمانؓ کے بارہ میں مزید یہ فرمایا ’’ایک بہت بڑی مصیبت کا سامنا کرنے کے بعد ان کے حق میں بھی جنت کی بشارت پوری ہوگی۔‘‘(24)
پھر فرمایا’’ عثمانؓ حالت مظلومیت میں شہید کئے جائیں گے۔‘‘(25)
رسول کریمﷺ نے حضرت عثمانؓ کو شہادت اور جنت کی بشارت کے ساتھ صبر کی تلقین کی تو حضرت عثمانؓ نے عرض کیا اگر رسولؐ اللہ میرے لئے صبر کی دعا کریں گے تو پھر ہی صبرممکن ہے۔ رسولؐ اللہ نے دعا کی کہ اے اللہ! عثمانؓ کو صبر عطاکردے۔پھر فرمایا اللہ تجھے صبر عطا کرے گا۔(26)
چنانچہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو غیر معمولی صبر و تحمل عطافرمایا۔ چنانچہ جب آپ کے گھر کا محاصرہ کیا گیا تو آپ کو کئی اصحاب نے باغیوں سے مقابلہ کی اجازت چاہی۔ مگر آپؓ نے یہی فرمایا کہ رسول اللہﷺ نے مجھ سے ایک وعدہ فرمایا تھا اور میں اس کی طرف جانیوالا ہوں۔(27)
حضرت عثمانؓ کے ساتھ محاصرہ کے دوران حضرت علی ؓ نے اپنے بیٹے حسنؓ،حضرت ابن عمرؓ اور دیگر انصار مہاجرین کے ایک گروہ کے ساتھ محاصرین پر حملہ کرکے انہیں بھگایا۔حضرت عثمانؓسے گھر میں جاکر ملاقات کی اور عرض کیاکہ دشمن کے ارادے آپ کے قتل کے ہیںآپ ہمیں مقابلہ کی اجازت دے دیں۔حضرت عثمانؓ نے سختی سے ایک قطرہ خون بہانے سے بھی منع فرمادیا۔(28)شام کے گورنر حضرت معاویہ ؓ نے حفاظت کیلئے فوج بھجوانا چاہی تو اس کی بھی اجازت نہ دی ۔گھر کے باہرسات سو اصحاب حضرت عبداللہؓ بن زبیر کی قیادت میں موجود تھے۔ اگر حضرت عثمانؓ ان کو اجازت دیتے تو وہ دشمن کااستیصال کرسکتے تھے۔ان میں حضرت عبداللہؓ بن عمر، حضرت حسنؓ بن علی بھی تھے۔ حضرت عثمانؓ نے واضح فرمادیا تھا کہ’’ جو میری اطاعت کرتا ہے اسے عبداللہؓ بن زبیر کی اطاعت کرنی ہوگی۔ ‘‘ عبداللہؓ بن زبیر نے عرض کیا امیر المومنین!’’آپ کے پاس ایسی جماعت موجود ہے۔ جسے اللہ کی تائید ونصرت حاصل ہے۔ آپ مجھے باغیوں سے لڑائی کی اجازت دیں۔ حضرت عثمانؓ نے فرمایا ’’میں اللہ کے نام پر تمہیں نصیحت کرتا ہوں کہ کسی ایک آدمی کا خون بھی میری وجہ سے نہیں ہوناچاہیے۔‘‘حضرت زیدؓ بن ثابت انصاری نے آکر عرض کیا کہ’’ اے امیر المؤمنین! انصار مدینہ دروازے پر حاضر ہیں۔ اگر آپ حکم دیں تو ایک آواز پر دو دفعہ لبیک کہہ کر ہم اللہ کے مددگار بن کر دکھائیں گے۔‘‘حضرت عثمانؓ نے فرمایا ’’نہیں جنگ نہیں کرنی۔‘‘(29)
صبرو استقامت
حضرت عثمانؓ خدادادصبر و تحمل کا مجسمہ تھے۔ دراصل وہ سمجھ گئے تھے کہ امت کو کشت و خون سے بچانے اوراستحکام خلافت کے لئے انہیںاپنی جان کی قربانی دینی پڑے گی۔ بالآخرانہوں نے یہ قربانی دے دی۔ مگر ارشاد رسولﷺکے مطابق صبر کرتے ہوئے یہ ثابت کردکھایا کہ’’ خلیفہ معزول نہیں کیا جاسکتا۔‘‘(30)
شہادت عثمانؓکا تذکرہ بہت دردناک ہے مرکز اسلام مدینہ منورہ میں اسلام کے اس عظیم الشان خلیفہ کو قرآن شریف کی تلاوت کرتے ہوئے حالت روزہ میں شہید کردیا گیا۔آپ کے خون کے قطرے سورۃ بقرہ کی آیت(138)’’پر پڑے۔ جس کا مطلب ہے کہ اللہ خود ان لوگوں کیلئے کافی ہے اور وہ بہت سننے والا اور جاننے والا ہے۔ بچاتے ہوئے آپؓ کی اہلیہ حضرت نائلہ کی انگلیاں بھی کٹ گئیں۔اور وفادار غلام اسود نے حملہ آوروں سے لڑکر جان دے دی۔حضرت عثمانؓ کی شہادت دراصل ایک الہٰی تقدیر تھی۔(31)
حضرت حسّانؓ بن ثابت کو حضرت عثمانؓ سے بہت محبت تھی انہوں نے آ پ کی شہادت پرمرثیہ لکھا جس میںکہا:۔
ضَحُّوابِاَشْمَطَ عَنْوانَ السُّجُودَ بِہٖ
صَبْرافِدیً لَکُم اُمِّی وَمَاوَلَدَتْ
یَقْطَعُ الَّلیْلَ تَسْبِیْحاً وَقُرْآنًا
قَدْ یَنْفَعُ الصَّبْرُ فِیْ المَکْرُوْہِ اَحْیَانًا(32)
ظالموں نے ایک ایسے خوبصورت مرد کو قربان گاہ پر چڑھادیا، جس کے ماتھے پر سجدوں کے نشان تھے او ر جو رات عبادت اور قرآن پڑھنے میں گزاردیتا تھا۔ اے محبان عثمانؓ! صبرکرو میری ماں اور اولاد تم پر قربان ہو۔کیونکہ اکثر ناپسندیدہ باتوں میں صبر ہی کام آتا ہے۔
حضرت عثمانؓ کی شہادت کے بعد ان کی الماری سے ایک مقفل صندوق میں ایک تحریر ملی جو آپ کے ایمان و یقین کی پختگی کو خوب ظاہر کرتی ہے۔
’’یہ عثمانؓ کی وصیت ہے۔ اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان اور باربار رحم کرنے والا ہے۔ عثمانؓ بن عفان گواہی دیتا ہے کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں وہ ایک ہے اس کا کوئی شریک نہیں او ریہ کہ محمدؐ اس کے بندے اور اس کے رسولؐ ہیں۔اور یہ کہ جنت حق ہے اور جہنم بھی حق ہے اور یہ کہ اللہ ان کو جو قبروں میں ہیں ایسے دن اٹھائے گا جس میں کوئی شک نہیں۔ اللہ کبھی اپنے وعدے کے خلاف نہیں کرتا۔ اسی (عقیدہ)پر (عثمانؓ) زندرہ رہے اسی پر مرے گا اور اسی پر اٹھایا جائے گا اگر اللہ چاہے۔
اسی تحریر کی پشت پر یہ اشعار درج تھے۔
غِنَی النَّفسِ یُغنِی حَتَّی یُجِلَّھَا
وَمَاعُسرۃ فَاصبِر لَھَا اِن لَقِیتَھَا
وَمَن لَّم یُقُاسِ الدَّھرَ لَم یَعرفِ الاَسٰی
وَاِن غَضَّھَا حَتّٰی یَضُرَّ بِھَا الفَقرٗ
بِکَا ئِنَۃٍ اِلَّا سَیَتبَعُھَا یُسرٗ
وَفِی عِبَرِ الاَ یَّام مَاوَعَدَ الدَّ ھر
دل کی امارت انسانی نفس کو بے نیاز اورعظیم بنادیتی ہے خواہ فقرو غربت اس کی عظمت کوکم کرے یہاں تک کہ اسے اس سے نقصان پہنچے۔ کسی آنے والی تنگی سے تیرا سامنا نہیں ہوگا مگر اس کے بعد آسائش آئے گی اور جس نے زمانے کے مصائب برداشت نہیں کئے اسے ان کے مداوا کا بھی علم نہیں ہوتا اور اللہ نے جو وعدے کئے ہیں انقلاب زمانہ سے ہی ان کی تکمیل ہوتی ہے۔
حضرت عثمانؓ مخالفین کے تین روزہ محاصرہ کے بعد 18ذوالحجہ 35ھ میں بعمر83شہید ہوئے۔ آپ کا زمانہ خلافت گیارہ سال گیارہ ماہ بائیس دن بنتا ہے۔(33)
حلیہ و لباس
جس طرح آپ ظاہراً خوبرو تھے ایسے ہی آپ کا باطن بھی خوبصورت تھا۔آپ درمیانے قد اورگندمی رنگ کے خوبروانسان تھے۔ ناک بلند،دانت پیوستہ اور چمکدار تھے۔ جسم گداز داڑھی لمبی تھی جسے خضاب لگاتے تھے۔ دانت سونے کی تار سے بندھے تھے۔عمدہ لباس زیب تن فرماتے تھے۔ ایک دفعہ قیمتی ریشمی چادر اوڑھی۔ فرمایا ’’یہ میری بیوی نائلہ کی ہے۔ ان کی خوشی کی خاطر کبھی میں بھی اوڑھ لیتا ہوں۔‘‘(34)
موسیٰ بن طلحہ کا بیان ہے کہ ایک جمعہ کے روز میں نے حضرت عثمانؓ کو دیکھا زرد تہ بند کے ساتھ آپ نے چادرزیب تن فرمائی تھی۔ عصا ہاتھ میں تھا اور آپ تمام لوگوں سے زیادہ خوبصورت معلوم ہوتے تھے۔(35)
اولاد
رسول ؐاللہ کی صاحبزادیوں حضرت رقیہؓ او رام کلثومؓ کے علاوہ آپ کے عقد میں چھ ازواج آئیں۔حضرت رقیہؓ سے بیٹاعبداللہ کم سنی میں فوت ہوگیا تھا۔دوسری بیوی حضرت فاختہؓسے ہونے والے عبداللہ بھی بچپن میں فوت ہوئے۔ تیسری بیوی حضرت ام عمروؓ بنت جندب سے عمرو، خالد،ابان،عمراور مریم پیدا ہوئے۔ حضرت فاطمہؓ بنت ولیدسے ولید اورسعید ہوئے۔حضرت ام البنین سے عبدالمالک پیدا ہوئے۔حضرت رملہؓبنت شیبہ سے عائشہ،ام ابان اور ام عمروہوئیں اورحضرت نائلہ (جو بوقت شہادت موجود تھیں)سے مریم ہوئیں۔ الغرض کثیر اولاد تھی۔ جب کوئی بچہ پیدا ہوتا توآپ اسے بلواکر پیار کرتے ساتھ لگا کر سونگھتے۔ وجہ پوچھی گئی تو فرمایا چاہتا ہوں کہ اس پر کوئی مصیبت آئے تو اس کی محبت میرے دل میں پیدا ہو چکی ہو۔(36)
عبادت میں شغف
حضرت عثمانؓ کو عبادت و ریاضت میں بہت شغف تھا۔ شہادت کے موقع پر آپ کی حرم حضرت نائلہ نے ظالم قاتلوں سے فرمایا تم نے ایک ایسے شخص کو شہید کیا جو بہت روزے رکھنے والا بہت عبادت گزارتھا۔ وہ نماز کی رکعت میں ساری رات کو تلاوت قرآن سے زندہ رکتھے تھے ۔(37)
رسول اللہ ﷺکی سنت کی اتباع کا بہت خیال تھا۔ بارہا ایساہوا کہ تمام صحابہ کے سامنے مکمل وضو کرکے دکھایا او ر فرمایا کہ آنحضرتﷺاس طرح وضو فرمایا کرتے تھے۔ایک دفعہ ایک جنازہ گزرا آپ احتراماً کھڑے ہوگئے او رپھر فرمایا کہ رسول اللہ ﷺبھی ایسا کیا کرتے تھے۔ حضرت عثمانؓقرآن شریف کے عاشق تھے۔ کاتبِ وحی کی خدمت انجام دینے کی توفیق ملی۔خودحافظ قرآن تھے۔ آیات قرآنی سے استنباط و استدلال میں خاص ملکہ رکھتے تھے۔ علم الفرائض یعنی میراث میں بھی آپ کوگہری دسترس حاصل تھی۔
حضرت عثمانؓ طبعاً کم گو تھے۔ مگر جب بات کرتے تو مکمل بات کرتے۔ (38)
احادیث بیان کرنے میں آپ بہت احتیاط سے کام لیتے تھے۔ اس لئے آپ کی بہت کم روایات احادیث کی کتب میں ملتی ہیں۔
اخلاق فاضلہ
حضرت عثمانؓ بہت اعلیٰ اخلاق کے مالک تھے رسول کریمﷺنے فرمایا’’عثمانؓ میرے صحابہ میں سے سب سے زیادہ میرے اخلاق کے مشابہ ہیں۔‘‘(39)اورتمام اخلاق کی جڑ حیا ہے۔ اور حضرت عثمانؓ فطرتاً با حیاء عفیف و راستبار او رپارسا انسان تھے۔ رسول کریمﷺبھی آپ کے باحیاہونے کا خاص لحاظ رکھتے تھے۔ ایک دفعہ حضوؐر صحابہ کے ساتھ بے تکلفی سے ایک کنوئیں کی منڈیر پر تشریف فرماتھے اور پانی کے اندر اپنی ٹانگیں لٹکا رکھی تھیں۔ زانوئے مبارک سے کچھ حصہ کھلا ہو اتھا کہ حضرت عثمان ؓ کے آنے کی اطلاع ہوئی آپ اپنا کپڑا سنبھال کر بیٹھ گئے۔(40) اور فرمایا عثمانؓ سے تو فرشتے بھی حیاکرتے ہیں۔(41)آپ کے حیا کا یہ عالم تھا کہ تنہائی او ربند کمرے میں بھی کپڑے نہ اُتارتے تھے۔حتی کہ غسل بھی لباس پہن کر کرتے تھے۔غسل کے وقت بیوی کی لونڈی کپڑے لے کر آتی تو فرماتے’’ تم مجھے نہ دیکھنا کہ یہ تمہارے لئے جائز نہیں ہے۔‘‘(42)
خوفِ خدا اس قدر تھا کہ قبرستان کو دیکھ کر بے چین ہوجاتے اور فرمایا کرتے کہ ’’رسول اللہﷺ سے میں نے سنا ہے کہ قبرآخرت کی منازل میں سب سے پہلی منزل ہے اگر یہ معاملہ آسانی سے طے ہوگیا تو پھر باقی منزلیں بھی آسان ہیں۔اور اگر یہاں دشواری پیش آئی تو دیگر مرحلے بھی مشکل ہوں گے۔‘‘
سنت رسول ﷺکی پیروی
صلح حدیبیہ کے موقع پر جب رسول اللہؐنے حضرت عثمانؓ کو اہل مکہ کی طرف بھجوایا تو آپ کے چچا زاد ابان ؓ بن سعید نے انہیں اپنی پناہ میں لیا۔ اپنی سواری پر سوار کروایا اور خود آپ کے پیچھے بیٹھ کر آپؓ کو مکہ لے کر آیا۔ آپ کے سادہ لباس کو دیکھ کروہ کہنے لگا اے میرے چچا کے بیٹے!یہ کیا بات ہے میں آپ کو نہایت عاجزانہ لباس میں دیکھتا ہوں۔ آپ بھی اپنی قوم کی طرح بڑا تہ بند پہنیں جسے لٹکا کر چلتے ہیں۔حضرت عثمانؓ نے فرمایا ہمارے آقا و مولا ایسا ہی لباس پہنتے ہیں۔پھر اس نے کہا اے میرے چچا کے بیٹے آپ خودتو طواف کرلیں۔ حضرت عثمانؓ نے فرمایا بھائی! ہم کوئی چیز شروع نہیں کرتے اور کسی کام میں پہل نہیں کرتے جب تک کہ ہمارے ساتھی حضرت محمدؐ وہ نہ کرلیں۔ (43)
تواضع وسادگی
سادگی کا یہ عالم تھا کہ گھر میں لونڈیوں او رغلاموں کے باوجود اپنے کام خود کرنا پسند کرتے۔ رات کواُٹھ کر وضوء کے پانی کا خود انتظام کرتے کسی نے کہا کہ خادم کی مدد لے لیا کریں فرمایا رات ان کے آرام کے لئے ہے۔(44)
طبیعت کا ایک گہرا وصف یہ تھا کہ آپ میں نرمی اور رقت بہت تھی۔
تواضع کی یہ انتہاتھی کہ ایک دفعہ منبر پر خطبہ دے رہے تھے۔ عمروبن العاصؓ نے یہ کہنے کی جسارت کی کہ ’’اے عثمانؓ آپ توبہ کریں کہ آپ نے امت کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔بلکہ آپ کے ساتھ سب لوگ بھی توبہ کریں۔‘‘ آپ نے بلا پس وپیش اسی وقت قبلہ رُخ ہوکر ہاتھ اُٹھایا اورکہا ’’اے اللہ میں سب سے پہلے تیری درگاہ میں توبہ کرتا ہوں۔سب لوگوں نے بھی آپ کی پیروی میں ایسے ہی کیا۔‘‘(45)
حضرت عثمانؓ میں اپنی حیرت انگیز مالی قربانی کے بعد کبھی ریا یا فخر کا کوئی شائبہ کبھی پیدا نہ ہوا ایک دفعہ کسی تنگ دست نے آپ کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا آپ امیر طبقہ کے لوگ بہت ثواب کماگئے ہو۔تو حضرت عثمانؓ نے پوچھا کیا تمہیں ہم پر رشک آتاہے۔ اس نے کہا ہاں۔ فرمانے لگے ’’خدا کی قسم! تمہاری محنت کی کمائی سے ایک درہم خرچ کرنا دس ہزار درہم سے بڑھ کر ہے اور تمہارا تھوڑا بھی زیادہ سے بہترہے۔‘‘(46)
سادگی
خلافت کے زمانہ میں بھی آپ کی سادگی کا یہ عالم تھا۔مسجد نبوی میں قیلولہ کیلئے چٹائی پر لیٹ جاتے ۔ چٹائی کے نشان آپ کے پہلو میںہوتے۔جسے دیکھ کر لوگ تعجب سے کہہ اٹھتے امیرالمومنین کی یہ حالت ہے؟(47)
کھانے کا یہ حال تھا کہ مہمانوں کو گھر سے اعلیٰ کھانا کھلاتے مگر خود زیتون کے تیل اورسرکہ پر مشتمل کھانا تناول کرتے۔(48)
عدل گستری
اپنے خادموں کے ساتھ معاملہ میں انکسار کے ساتھ عدل کی بھی عجب شان نظر آتی ہے۔ ایک دفعہ اپنے غلام سے فرمایا کہ’’ میں نے تمہاری گو شمالی کی تھی یعنی کسی بات پر تنبیہ کیلئے کان مروڑے تھے اب مجھ سے بدلہ لے لو۔ اس نے آپ کا کان پکڑ لیا۔فرمانے لگے ’’اورسختی سے کان مروڑو کہ اسی دنیا میں جو بدلہ چکا دیا جائے وہ کیا خوب ہے ۔‘‘(49)
منصفانہ رائے دینے میں آپ کسی کالحاظ نہ کرتے تھے ۔نافع بن عبدالحارث کہتے ہیں کہ حضرت عمرؓ مکہ آئے اور جمعہ کے دن دارالندوہ میں ٹھہرگئے تاکہ قریب سے بیت اللہ آجاسکیں۔ایک دفعہ اپنی چادر دیوار پرلٹکائی تو ایک کبوتر اس پر آکر بیٹھ گیا۔ انہوں نے اس اندیشہ سے کہ چادر کو گندا نہ کردے اسے اڑا دیا۔ وہ دوسری دیوار پر جابیٹھاتو ایک سانپ نے اسے ڈس کرمارڈالا۔جمعہ کے بعد حضرت عمرؓ نے مجھے اورحضرت عثمانؓ سے کہا کہ تم دونوںمیرے اس معاملہ میں فیصلہ کرو۔ میں نے حضرت عثمانؓ سے کہا کہ میرے خیال میں تو حضرت عمرؓ کو بطور فدیہ ایک بکرے کی قربانی کرنی چاہیے۔حضرت عثمانؓ نے فرمایا میرا بھی یہی خیال ہے۔(50)
سخاوت و فیاضی او رانفاق فی سبیل اللہ
حضرت عثمان غنیؓدولتمندہونے کے ساتھ بہت سخی او رفیاض بھی تھے۔کوئی خیال کرسکتا ہے کہ شاید غیر معمولی دولت کی وجہ سے اُن کو’’ غنی‘‘کا خطاب ملا۔امر واقعہ یہ ہے کہ حضرت عثمانؓ کو محض مالی فراخی کی وجہ سے نہیں بلکہ اُن مالی قربانیوں کی وجہ سے’’ غنی‘‘ کہاگیا ہے جو وہ دل کے غنا کی وجہ سے خداتعالیٰ کی راہ میں پانی کی طرح مال بہاتے تھے جسے دیکھ کر آج بھی انسان محوحیرت ہوجاتا ہے۔
حضرت عثمانؓ ہی تھے جنہوں نے یہ عہد کیا تھا کہ میں ہر جمعہ کو ایک غلام آزاد کیا کروں گا۔ اور پھرزندگی کے آخری سانس تک اس عہد کو نبھاتے رہے اور ہر جمعہ کو ایک غلام آزاد کرتے چلے گئے۔(51)
یہ کوئی معمولی قربانی نہیں ایک غلام کی قیمت ہزاروں درہم ہوا کرتی تھی۔ اور خداتعالیٰ کی راہ میں ہر جمعہ کو یہ مالی قربانی از خود اپنے ذمے لے لینا بہت بڑی بات ہے اور حضرت عثمانؓ کی ہفتہ وارمالی قربانی کی غیر معمولی منفردمثال ہے جو آپ نے قائم کردکھائی۔اپنے گھرکے محاصرہ کے دنوں میں آپ نیبیس غلام آزاد کئے۔(52)
مسلمان جب ہجرت کر کے مدینہ آئے تو ان کا ایک بہت بڑا مسئلہ پانی کی فراہمی کا تھا۔ مدینے میں بئررومہ ایک ہی بڑا کنواں تھاجو ایک یہودی کی ملکیت تھا اوروہ اس کا پانی بیچا کرتاتھا۔ مسلمان حالت مفلسی میں ہجرت کر کے مدینہ آئے تھے اُن کیلئے پانی خریدنا تو درکنار کھانے کو غذاتک میسر نہ تھی۔یہ بہت کٹھن مرحلہ تھا۔آنحضرتؐ نے مسلمانوں کی تکالیف دیکھ کرتحریک عام فرمائی کہ کوئی ہے جو بیرٔ رومہ خرید کر مسلمانوں کیلئے مفت پانی کا انتظام کردے۔ میں ایسے شخص کے لئے جنت میں کنوئیں کی ضمانت دیتا ہوں۔ اس وقت حضرت عثمان ؓآگے بڑھے اور اس یہودی کے ساتھ کنواں خریدنے کے لئے رابطہ کیا۔ عام حالات میں تو کنوئیں کی قیمت اتنی نہ تھی مگر وہ یہودی جانتا تھا کہ ایک ہی کنواں ہے اورمسلمان مجبورہیں، منہ مانگے دام مجھے ملیں گے تو وہ بیچنے ہی سے انکار کرتا تھا تاکہ اس کی قیمت بڑھ جائے۔ بالآخر جب راضی ہو ا تو اس نے کہا میں آدھا کنواں بیچوں گا ایک دن آپ اس کا پانی استعمال کیا کریں اور ایک دن میں خود اس کا پانی بیچا کروں گا۔ وہ جب اس کے سوا کسی بات پر راضی نہ ہوا تو حضرت عثمان ؓ نے اس کنوئیں کی منہ مانگی قیمت بارہ ہزار درہم ادا کردی جو اُس زمانے کے لحاظ سے بہت بڑی قیمت تھی ۔ آپ کا مقصد محض خدا اور اس کے رسولؐ کی خوشنودی اور رضا تھی۔ پھر خوشی خوشی جاکر وہ تحفہ آنحضرت کی خدمت میں پیش کردیا۔ آنحضرتؐ اپنی یہ مراد پاکربہت خوش ہوئے اور حضر ت عثمانؓ غنی کوجنت کی خوش خبری عطا فرمائی۔ (53)
پھرحضرت عثمانؓ نے مسلمانوں کے لئے مفت پانی کا اعلان کردیا۔ ادھریہودی نے جب یہ دیکھا کہ مسلمان تو اپنی باری میں سارا پانی نکال کرلے جاتے ہیں اور اس کے پاس کوئی خریدنے کیلئے نہیں آتا تو اس کو احساس ہواکہ اس نے بہت بڑی غلطی کی ہے دوسرا آدھا حصہ بھی بیچ دینا چاہیئے تھا۔اب وہ خود حضرت عثمانؓکے پا س آیا اور کہا کہ بقیہ حصہ بھی آپ خرید لیں حضرت عثمانؓ اگر چاہتے تواب قیمت حسب منشا گرا سکتے تھے مگر آپ نے کنوئیں کا دوسرا حصہ بھی آٹھ ہزار درہم میں خرید کر ساراکنواں مسلمانوں کے لئے وقف کردیا۔
جب مسجد نبوی کی توسیع کا مسئلہ پیدا ہوا تو آنحضرت ﷺنے فرمایا کہ اردگرد کے مکانات خرید کر مسجد میں شامل کرلئے جائیں۔ اس کیلئے رقم کی ضرورت تھی تاکہ اردگرد کے مکان مسجد کے لئے خریدے جاسکیں۔ اس وقت بھی حضر ت عثمانؓ آگے بڑھے اور انہوں نے پندرہ ہزاردرہم کی قربانی اُس وقت پیش کی اس کے نتیجے میں مسجد نبوی کی توسیع عمل میں آئی۔(54)رسول کریمﷺ کے ساتھ حضرت عثمانؓ کو بھی توسیع کے وقت اینٹ رکھنے کی سعادت عطا ہوئی۔(55)
فتح مکہ کے بعد مسجد حرام یعنی خانہ کعبہ کی توسیع کا معاملہ پیش ہو ا۔آنحضرتﷺنے تحریک فرمائی کہ وہ لوگ جو خانہ کعبہ کے قریب ارد گرد گھروں میں رہتے ہیں وہ خانہ خداکے لئے خالی کرسکیں تو اُن کو گرا کرمسجدحرام کو وسیع کردیا جائے۔ وہ بیچارے ایسانہیں کرسکے کیونکہ اُن میں دوسری جگہ گھر یا مکان خریدنے کی استطاعت نہیں تھی۔ اس وقت بھی حضرت عثمان ؓ کام آئے۔ انہوں نے دس ہزار دینار کی قربانی کی۔ اُس زمانے میں یہ بہت بڑی مالی قربانی تھی جس کی مدد سے ان لوگوں کودوسری جگہوں پر مکان خرید کردیئے گئے جوخانہ کعبہ کے پاس آبادتھے۔
حضرت ابوبکر ؓ کے زمانے میں مدینہ میں قحط پڑ گیا۔ حضرت عثمان ؓ کاتجارتی قافلہ سب سے پہلے مدینے پہنچا اونٹوں کی قطاروں کی قطاریں غلہ سے لدی ہوئی تھیں۔ مدینے کے تمام تاجر اکٹھے ہوکر حضر ت عثمانؓ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیابے شک منہ مانگا منافع لے لیں اور یہ قافلہ ہمیں بیچ دیں۔ دس ہزار درہم کی مالیت پر بارہ ہزار درہم کی پیش کش ہوئی حضرت عثمانؓ نے کہا کہ مجھے اس سے زیادہ منافع ملتا ہے۔ میں اتنے میں نہیں دے سکتا کسی نے کہا کہ ہم پندرہ ہزار درہم دیتے ہیں یہ غلہ ہمیں بیچ دیں ۔انہوں نے کہا کہ مجھے اس سے بھی زیادہ ملتے ہیں۔ مدینہ کے تاجر حیران تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب مدینہ کے باسی ہیں۔ اس سے بڑی بولی آپ کو کس نے دی اور کون ہے جو اس سے زیادہ آپ کو دے رہا ہے؟ حضرت عثمانؓ نے کہا کہ وہ میرا خدا ہے جو ایک درہم کے مقابلے پر مجھے دس درہم کی نوید سناتا ہے ۔ پھرحضرت عثمانؓ نے اعلان کردیا کہ میں ان تمام اونٹوں پر لدا ہوا مال مدینے کے غرباء کے لئے وقف کرتا ہوں۔
حضرت عبداللہ ؓبن مسعودبیان کرتے ہیں کہ ایک جنگ میں مسلمانوں کاراشن ختم ہونے کے باعث فاقہ کی سخت تکلیف سے مسلمان سخت پریشان اور منافق خوش تھے۔
رسول کریمﷺنے فرمایا آج غروب آفتاب سے قبل اللہ تعالیٰ تمہارے لئے رزق کے سامان فرمادے گا۔ حضرت عثمانؓ کو خبرہوئی توفرمایا اللہ اور اس کا رسول بالکل سچ فرماتے ہیں انہوں نے غلہ سے لدے ہوئے نواونٹ رسولؐ اللہ کی خدمت میں بھجوائے کہ ہدیہ قبول فرمائیں۔ رسولؐ اللہ یہ دیکھ کر بے حد خوش ہوئے اور منافقوں پر اوس پڑگئی۔تب رسولؐ اللہ نے ہاتھ اُٹھائے اور عثمانؓ کے لئے ایسی دعائیں کیں کہ اس سے پہلے یا بعد کسی کے حق میں ایسی دعائیں کرتے میں نے آپ کو نہیں سنا۔ آپ دعاکررہے تھے کہ اے اللہ! عثمان ؓ کو بہت دے اے اللہ عثمان ؓ پر بہت فضل فرما۔(56)
صلہ رحمی
حضرت عثمان ؓ صلہ رحمی کرتے ،اعزواحباب سے محبت و احسان سے پیش آتے تھے۔ بھوکوں کو کھانا کھلاتے اور زیربار لوگوں کے بوجھ اُٹھاتے تھے۔ دوستوں کو ضرورت پر بڑی بڑی رقوم قرض دیتے۔(57)بعض دفعہ قرض واپس بھی نہ لیتے ایک دفعہ حضرت طلحہؓ سے ایسا ہی معاملہ فرمایا اور فرمانے لگے کہ یہ آپ کی مروت کا صلہ ہے۔
حضرت عثمانؓ کو اپنی شہادت کا اشارہ مل چکا تھا۔ چنانچہ شہادت کے موقع پر قریباً دو ماہ تک جب آپ کے گھر کامحاصرہ کیاگیا اس محصوری کے دور میں جس ضبط وتحمل کا آپ نے مظاہرہ کیا اورصحابہ کی طرف سے باغیوں کے مقابلے کی باربار کی درخواستیں ردّفرمادیں تاکہ امت میں قتل و خون نہ ہو۔آپ فرماتے تھے کہ میں خلیفۃ الرسول ہوکر مسلمانی کا دعویٰ کرنے والوں کے خون سے اپنے ہاتھ رنگنا نہیں چاہتا۔ انہی اخلاق کریمہ پر قائم رہتے ہوئے آپ اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔(58)
حضرت عائشہ ؓ نے آپ کی شہادت پر فرمایا کہ عثمانؓ سب سے بڑھ کر صلہ رحمی کرنے والے اور سب سے بڑھ کر اللہ سے ڈرنے والے تھے۔(59)
حضرت علیؓ سے آپ کے بارہ میں پوچھا گیا تو فرمانے لگے وہ ایسا شخص ہے جو ملأاعلیٰ یعنی دربارخدا وندی میں بھی ’’ذوالنورین‘‘ کہلاتا ہے۔(60)
حضرت عثمان ؓ کو اپنے بابرکت دور میں اہم خدمات کی توفیق ملی ۔ فتوحات اور انتظامی اصلاحات کے علاوہ مسجد نبوی کی تعمیر وتوسیع بھی آپ کی ایک اہم خدمت ہے ۔
مسجد نبوی کی تعمیر و توسیع کی خدمت
عہد نبوی میں بھی توسیع مسجد کی ضرورت کے پیش نظر حضرت عثمانؓ نے قریبی قطعہ زمین خرید کر مسجد کی تو سیع کروائی تھی۔
اپنے دور خلافت میں 24ھ میں پھر توسیع کا ارادہ کیا لیکن قرب مسجد نبوی میں رہنے والے لوگ کافی معاوضہ کے باوجود بھی راضی نہ ہوئے۔ پانچ سال بعد پھر صحابہ سے مشورہ کے بعد آپؓ نے ایک خطبہ جمعہ میں توسیع مسجد نبوی کی خصوصیت سے تحریک کرتے ہوئے نہایت مؤثر تقریر کی جس کے نتیجہ میں لوگوں نے خوشی سے اپنے مکانات پیش کردئے۔ اور آپؓ نے نہایت اہتمام سے اور ذاتی نگرانی میں اپنے عمّال کے ذریعہ دس ماہ کے قلیل عرصہ میں اینٹ چونا اور پتھر کی خوبصورت اورمضبوط تعمیر کرکے مسجد کی لمبائی میں پچاسگز کا اضافہ کیا۔ جبکہ چوڑائی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔(61)
حفاظت قرآن کاکارنامہ
آپ کا ایک اور کارنامہ قرآن شریف کی حفاظت کی خاطر ایک قرأت قریش پر جمع وتدوین کرکے تمام اسلامی ممالک میں اس کی اشاعت عام کرنا ہے۔ اس کے نتیجہ میں قرآن شریف ہمیشہ کے لئے محفوظ ہوگیا۔آپ کا یہ کارنامہ رہتی دنیا تک یادرکھا جائے گا۔
اس کی تفصیل یہ ہے کہ حضرت ابوبکرؓ نے جنگ یمامہ میں حفاظ کے کثرت سے قتل ہونے کے بعد قرآن شریف کی متفرق تحریرات کو ایک جلد میں اکٹھا کروا دیاتھا۔ یہ مستند صحیفہ حضرت ابوبکرؓ کی اپنی تحویل میں رہا پھر حضرت عمرؓ کی حفاظت میں آیا ان کی وفات کے بعد ام المومنین حضرت حفصہؓ نے مجموعہ سنبھالا۔حضرت عثمانؓ کے زمانہ میں حضرت حذیفہؓ بن الیمان ان کی خدمت میں حاضر ہوئے انہیں شام اورعراق کی جنگوں میں شرکت کا موقع مل چکا تھا۔وہاں نہیں مختلف ممالک و اقوام میں رائج قرآنی قراء توں کے اختلاف سے اندیشہ ہوا کہ یہ سلسلہ بڑھ کر کوئی مشکلات پیدا نہ کرے۔ انہوں نے حضرت عثمانؓ سے عرض کیا کہ یہود و نصاریٰ کا اپنی کتاب میں اختلاف سے جو انجام ہوا اس کی نوبت سے پہلے مسلم امہ کی فکر کرلیں اورقرآن شریف کو سات قراء توں کی بجائے ایک قراء ت پر رائج کردیں۔ حضرت عثمان ؓ نے حضرت حفصہؓ سے اولین مستند قرآنی صحیفہ منگوایا۔پھر حضرت عثمانؓنے حضرت زیدؓ بن ثابت انصاری ، عبداللہؓ بن زبیر،سعیدؓ بن العاص،عبدالرحمانؓبن حارث بن ہشام کو حکم دیا اور انہوں نے اس کی نقول تیار کیں۔حضرت عثمانؓ نے موخرالذکر تینوں قریش صحابہ سے کہا کہ جب تمہارا اور زیدؓ کا کسی آیت کی تلاوت یا قراء ت میں اختلاف ہو توقریش کی لغت کو ترجیح دیتے ہوئے قرآن تحریر کیا جائے کیونکہ قرآن قریش کی زبان میں اترا ہے۔چنانچہ ان اصحاب نے یہ کام کیا جب نقول تیار ہوگئیں تو پہلا نسخہ حضرت عثمانؓ نے حضرت حفصہؓ کو واپس بھجوادیااورنئے تیار شدہ نسخوںکی نقول مختلف ممالک میںبھجوا کر حکم دیا کہ اس کے علاوہ دیگر قراء توں پر مشتمل کوئی نسخے ہوں تو وہ جلادئے جائیں۔(62)اس کے نتیجہ میں ہمیشہ کیلئے قرآن شریف کیحفاظت کے سامان ہوگئے ۔ آپؓ کا یہ کارنامہ رہتی دنیاتک یاد رہے گا۔چنانچہ آج اسلام کے مخالف مستشرقین بھی یہ تسلیم کرنے پر مجبور ہیں۔نولڈکے کا قول ہے:۔
"Slight clerical errors there may have been but the Quran of Othman contains none but genuine elements, though sometimes in very strange order. Efforts of European scholars to prove the existence of later interpations in the Quran have failed."
(ترجمہ)ممکن ہے کہ تحریرکی کوئی معمولی غلطیاں(طرزتحریرکی) ہوں تو ہوں ، لیکن جوقرآن عثمانؓ نے دنیا کے سامنے پیش کیا تھا اُس کا مضمون وہی ہے جو محمدؐ نے پیش کیاتھا۔ گو اس کی ترتیب عجیب ہے۔یورپین علماء کی یہ کوششیں کہ وہ ثابت کریں کہ قرآن میں بعد کے زمانہ میں بھی کوئی تبدیلی ہوئی ہے بالکل ناکام ثابت ہوئی ہے۔(63)
حضرت مسیح موعود علیہ السلام اپنی کتاب سرّالخلافہ میں حضرت عثمانؓ کی شان میں فرماتے ہیں:۔
’’ابوبکرؓ و عمرؓ اور عثمان ؓاصل صلاح و ایمان تھے او ران لوگوں میں سے تھے جن کو اللہ تعالیٰ نے چن لیا۔ اور جو رحمان خد اکی عنایت سے خاص کئے گئے۔ا ور ان کی اعلیٰ صفات پر کئی صاحب عرفان لوگوں نے گواہی دی ہے۔ انہوں نے خدا کی رضا کی خاطر اپنے وطن ترک کئے۔ اورجنگ کے میدانوں میں کودپڑے اور خدا کی قسم اللہ تعالیٰ نے شیخین اور تیسری اس ہستی کو جو ذوالنورین ہے اسلام کے دروازوں کی طرح بنایا ہے۔ او ریہ خدائے خیبر کی فوج کے ہر اول دستے ہیں اور اس امر میں کوئی شک نہیں کہ حضرت محمد مصطفی ؐ کی پیروی میں وہ ایک بلند مقام پر ہیں او روہ اُمَّۃً وَسَطاً کے مصداق ہیں اور وَاَیَّدَھُم بِرُوحٍ مِنہُ کہہ کر قرآن شریف میں رب العزت نے خود ان کی تعریف کی ہے کہ خداتعالیٰ کی تائیدان کو حاصل ہے۔ اور ان کے انوار صدق اور آثار طہارت روشن ترہوکر ظاہر ہوگئے ہیں۔ اور وہ ان راستبازوں میں سے تھے۔ جن سے اللہ راضی ہوگیا۔ او روہ خدا سے راضی ہوگئے۔ او رانہیں وہ کچھ عطاکیاگیا۔ جو عالمین میں سے اور کو بخشا نہیں گیا۔‘‘(64)
حوالہ جات
1-
اسد الغابہ جلد 3ص376
2-
اصابہ جز 4ص223
3-
ابن سعد ج 3 ص55
4-
کنزالعمال ج 13ص76،الاستیعاب علی حاشیہ الاصابہ جلد4ص225
5-
ابن سعد جلد3 ص55
6-
ابن ہشام جلد1 ص343
7-
مستدرک حاکم ج 4 ص46
8-
البدایہ والنہایہ جلد 3 ص 66،67
9-
مجمع الزوائد جلد9ص80
10-
ابن سعدجلد 3 ص55،56
11-
بخاری کتاب الوصایا باب اذاوقف ارضا
12-
بخاری کتاب المناقب باب مناقب عثمانؓ
13-
ابن سعد جلد3ص56،استیعاب جلد 3ص 156
14-
مجمع الزوائد ج 9ص86،87
15-
بخاری کتاب المناقب باب مناقب عثمانؓ
-16
بخاری کتاب المناقب باب مناقب عثمانؓ
-17
ترمذی کتاب المناقب باب مناقب عثمانؓ
-18
ابن سعد جلد 3 ص 61تا63
-19
ابن سعد جلد 3ص67،68،71
-20
اصابہ جز4 ص 223
-21
ابن سعدجلد3 ص64
-22
ترمذی کتاب المناقب باب مناقب عثمانؓ
23-
بخاری کتاب المناقب باب مناقب عثمانؓ
24-
بخاری کتاب المناقب باب مناقب عثمانؓ
-25
ترمذی کتاب المناقب باب مناقب عثمانؓ
26-
مجمع الزوائدجلد 9 ص 90
27-
اسدالغابہ جلد 3ص 376
-28
ریاض النضرہ جلد 2ص 128
-29
ابن سعد جلد3ص 70،71
30-
ابن سعد جلد 3 ص 71،72
31-
ابن سعد ج 3 ص 74
-32
اسد الغابہ جلد 2ص 384
-33
الریاض النضرہ جلد 2 ص133،استیعاب جلد 3ص 159
-34
ابن سعد ج 3 ص 58
-35
مجمع الزوائد جلد9ص80،ابن سعد جلد 3ص54
-36
ابن سعد جلد3ص 54تا58
-37
ابن سعد جلد 3ص76
38-
ابن سعدجلد 3 ص57
-39
مجمع الزوائد جلد 9ص81
-40
بخاری کتاب المناقب باب مناقب عثمانؓ
41-
مجمع الزوائد جلد 9 ص82
42-
ابن سعد جلد3ص 59
-43
استیعاب جلد 1ص 62تا 64،مسند الرویانی جز2ص254
44-
ابن سعد جلد 3ص 60
45-
ابن سعدجلد3 ص69
-46
کنز العمال جلد 3ص 320
-47
صفۃ الصفوۃ جلد 1ص 116
-48
حیاۃ الصحابہ جلد 2ص368
-49
الریاض النضرہ جلد 2ص111
-50
مسند الشافعی ص 47
51-
مجمع الزوائدجلد9 ص86
52-
اسد الغابہ ج 3 ص383
53-
بخاری کتاب المناقب باب مناقب عثمانؓو’’ عفواسیدی عثمانؓ‘‘ص54
54-
نسائی کتاب الاحباس باب وقف المساجد
-55
مجمع الزوائد جلد 9ص86
56-
مجمع الزوائد جلد9ص85
57-
ابن سعد جلد3ص74
58-
ابن سعدجلد3 ص70
-59
اصابہ جز4ص223
60-
اصابہ جز4ص223
-61
خلاصتہ الوفاء ص 124،سیرۃ الصحابہ حصہ اول ص 228
62-
بخاری فضائل القرآن باب جمع القرآن
-63
انسائیکلو پیڈیا برٹینیکا زیر لفظ قرآن
64-
سرالخلافہ ص14,13روحانی خزائن جلد 8ص 326،327
 
Top