• السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ اس فورم کا مقصد باہم گفت و شنید کا دروازہ کھول کر مزہبی مخالفت کو احسن طریق سے سلجھانے کی ایک مخلص کوشش ہے ۔ اللہ ہم سب کو ھدایت دے اور تا حیات خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم کا تابع بنائے رکھے ۔ آمین
  • [IMG]
  • السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ مہربانی فرما کر اخلاق حسنہ کا مظاہرہ فرمائیں۔ اگر ایک فریق دوسرے کو گمراہ سمجھتا ہے تو اس کو احسن طریقے سے سمجھا کر راہ راست پر لانے کی کوشش کرے۔ جزاک اللہ

از روئے قرآن کریم

MindRoasterMir

لا غالب الاللہ
رکن انتظامیہ
منتظم اعلیٰ
معاون
مستقل رکن
از روئے قرآن کریم

پہلی دلیل:۔

(المائدۃ:۱۱۸)

مطلب:۔ اﷲ تعالیٰ کے اس سوال کے جواب میں کہ اے عیسیٰ! کیا تو نے نصاریٰ کو تثلیث کی تعلیم دی تھی؟ آپ انکار کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ میں نے تعلیم تو کیا دینی تھی میری زندگی میں اور میرے سامنے یہ عقیدہ ظاہر نہیں ہوا۔ میں ان کا نگران تھا جب تک میں ان میں تھا۔ پھر جب تو نے میری توفّیکرلی تو تُو ہی ان کا نگہبان تھا اور تو ہر چیز کامحافظ ہے۔

استدلال نمبر۱:۔ اس آیت میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے اپنے دو زمانے بتائے ہیں۔ پہلا اپنی قوم میں حاضری کا زمانہ () اور دوسرا غیر حاضری کا ()اور ان دونوں زمانوں کے درمیان حد فاصل ہے۔ گویا ان کی اپنی قوم سے غیر حاضری سے پہلے ’’وفات‘‘ ہے۔ کیونکہ غیر حاضری کی و جہ ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ حضرت عیسیٰ ؑ اپنی قوم میں حاضر ہیں یا غیر حاضر؟ چونکہ غیر حاضر ہیں لہٰذا ان کی توفّی ہوچکی ہے۔

استدلال نمبر۲:۔ اس آیت میں حضرت عیسیٰ ؑاقرار فرماتے ہیں کہ تثلیث پرستی کا عقیدہ میری زندگی میں نہیں پھیلا بلکہ میری توفّی کے بعد پھیلا ہے اور اس زمانہ میں عیسائیوں کی تثلیث پرستی ایک کھلی حقیقت ہے۔ چنانچہ اﷲ تعالیٰ فرماتا ہے۔ (المائدۃ:۷۴)

(المائدۃ:۱۸) کہ ان لوگوں نے کفر کیا جنہوں نے کہا کہ خدا تین میں سے ایک ہے اور ان لوگوں نے کفر کیا جنہوں نے کہا کہ مسیح ابن مریم ہی خدا ہے۔

پس صاف نتیجہ نکلا کہ حضرت عیسیٰ ؑ کی توفّی ہوچکی ہے یعنی وہ فوت ہوچکے ہیں۔

غیر احمدی:۔ حضرت مرزا صاحب نے چشمہ معرفت صفحہ ۲۵۴ طبع اوّل پر لکھا ہے:۔

’’انجیل پر ابھی تیس برس بھی نہیں گزرے تھے کہ بجائے خدا کی پرستش کے ایک عاجز انسان کی پرستش نے جگہ لے لی۔‘‘

(محمدیہ پاکٹ بک مؤلفہ مولانا محمد عبداﷲ صاحب معمار مرحوم امرتسری طبع اوّل مارچ ۱۹۵۰، صفحہ۵۷۱ طبع دوم اپریل ۱۹۸۹ء)

جواب:۔اس حوالہ میں انجیل کا ذکر ہے مسیح کی ہجرت کا ذکر نہیں اور انجیل اس وحی کے مجموعہ کا نام ہے جو حضرت مسیح علیہ السلام پر ان کی وفات تک نازل ہوتی رہی جس طرح قرآن مجید آنحضرت صلی اﷲ علیہ وسلم کی وفات کے قریب زمانہ تک نازل ہوتا رہا۔ قرآن مجید میں اﷲ تعالیٰ فرماتا ہے۔ ……(النساء: ۱۶۴) یعنی اے محمد(صلی اﷲ علیہ وسلم) ہم نے آپ پر اسی طرح وحی نازل کی ہے جس طرح نوح اور…………عیسیٰ علیہ السلام اور دیگر انبیاء پر۔ پس چشمہ معرف کی عبارت کا مطلب یہ ہے کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی وفات (جو ۱۲۰ برس کی عمر میں ہوئی) کے تیس برس کے قریب گزرنے پر عیسائی بگڑ گئے۔ نہ یہ کہ حضرت عیسیٰ کی زندگی ہی میں مسیح کی پرستش شروع ہوگئی تھی۔

تَوَفِّیْ کے معنے


حضرت امام بخاریؒ نیکی تفسیر میں حضرت ابن عباسؓ کا ارشاد نقل کیا ہے:۔ قَالَ ابْنُ عَبَّاسٍ ؓ مُتَوَفِّیْکَ مُمِیْتُکَ (بخاری کتاب التفسیر سورۃ مائدہ زیر آیت فلما توفیتنی المائدۃ:۱۱۸) کہ حضرت ابن عباسؓ کے فیصلہ کے بعد کسی دوسرے شخص کی بات قابل قبول نہیں اس حالت میں کہ جب قرآن مجید و احادیث و لغت و تفاسیر کے مندرجہ ذیل حوالجات بھی ان کی تائیدمیں ہیں۔ (تفسیر ابن عباسؓ کے متعلق نوٹ آگے ملاحظہ فرمائیں صفحہ ۱۸۳)۔

لفظ توفّی باب تفعل کا مصدر ہے۔ سو قرآن کریم میں جہاں کہیں بھی اس کا کوئی مشتق استعمال ہوا ہے جب اﷲ تعالیٰ یا ملائکہ اس کا فائل ہوں یا صیغہ مجہول ہو اور غائب مفعول اس کا انسان ہو تو سوائے قبض روح کے اور کوئی معنے نہیں اور وہ قبض روح بذریعہ موت ہے۔ سوائے اس مقام کے کہ جہاں لیل یا منام کا قرینہ موجود ہو تو وہاں قبض روح کو نیند ہی قرار دیا گیا ہے۔ بہرحال قبضِ جسم کسی جگہ بھی مراد نہیں۔ چنانچہ قرآن کریم میں علاوہ متنازعہ فیہ جگہ کے ۲۳ جگہ لفظ توفّی کا مشتق استعمال ہوا ہے۔

۱،۲۔ (دو مرتبہ البقرۃ : ۲۳۵، ۲۴۱)

۳۔ (آل عمران: ۱۹۴)

۴۔ (النساء: ۱۶)

۵۔ (النساء: ۹۸)

۶۔ (الانعام: ۶۲)

۷۔ (الاعراف:۳۸)

۸۔ (الاعراف:۱۲۷)

۹۔ (الرعد: ۴۱)

۱۰۔ (یونس:۴۷)

۱۱۔ (یوسف:۱۰۲)

۱۲،۱۳۔ (دو مرتبہ النحل: ۲۹،۳۳)

۱۴۔ (النحل:۷۱)

۱۵۔ (الحج: ۶)

۱۶۔ (السجدۃ: ۱۲)

۱۷۔ (الزمر:۴۳)

۱۸۔ (المومن:۶۸)

۱۹۔ (المومن:۷۸)

۲۰۔ (محمد:۲۸)

۲۱۔ (الانعام: ۶۱)

۲۲۔(الانفال: ۵۱)

۲۳۔ (یونس: ۱۰۵)

کتب احادیث سے اس کی مثالیں

بخاری میں ایک باب (بخاری کتاب المناقب باب وفات النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم) بھی ہے۔’’باب توفّی رسول کریم صلی اﷲ علیہ وسلم‘‘ پھر آنحضرتؐ نے صاف فرمادیا کہ حضرت عیسیٰ ؑ کی توفّی کے وہی معنے ہیں جو میری توفّی کے ہیں۔ فرمایا:۔

عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ ؓ اِنَّہٗ یُجَاءُ بِرِجَالٍ مِّنْ اُمَّتِیْ فَیُؤْخَذُ بِھِمْ ذَاتَ الشِّمَالِ فَاَقُوْلُ یَارَبِّ اُصَیْحَابِیْ فَیُقَالُ اِنَّکَ لَا تَدْرِیْ مَا اَحْدَثُوْا بَعْدَکَ فَاَقُوْلُ کَمَا قَالَ الْعَبْدُ الصَّالِحُ وَ کُنْتُ عَلَیْھِمْ شَھِیْدًا مَّا دُمْتُ فِیْھِمْ فَلَمَّا تَوَفَّیْتَنِیْ کُنْتَ اَنْتَ الرَّقِیْبَ عَلَیْھِمْ۔ فَیُقَالُ اِنَّ ھٰؤُلآءِ لَمْ یَزَالُوْا مُرْتَدِّیْنَ عَلٰی اَعْقَابِھِمْ مُنْذُ فَارَقْتَھُمْ۔

(بخاری کتاب التفسیر باب و کنت علیھم شھیدا ما دمت فیھم جلد۳ صفحہ ۹۱ مصری و جلد۲ صفحہ ۱۵۹ کتاب بدء الخلق مصری)

ترجمہ:۔ آنحضرتؐ نے فرمایا کہ قیامت کے دن میری امت کے کچھ لوگ دوزخ کی طرف لے جائے جائیں گے تو میں کہوں گا کہ یہ تو میرے صحابہ ہیں۔ جواب ملے گا تو نہیں جانتا کہ تیرے پیچھے انہوں نے کیا کیا۔ اس وقت میں وہی کہوں گا جو اﷲ تعالیٰ کے صالح بندے عیسیٰ ؑ نے کہا تھا کہ میں ان کا اسی وقت تک کا نگران تھا جب تک ان میں تھا اور جب تو نے مجھے وفات دے دی تو تُو ہی ان کا نگہبان تھا۔

نتیجہ:۔ اس حدیث سے صاف نتیجہ نکلا کہ حضرت عیسیٰ ؑ کی توفی کی صورت وہی ہے جو آنحضرتؐ کی توفی کی ہے۔ ورنہ آپ کا یہ فرمانا فَاَقُوْلُ کَمَا قَالَ درست نہیں رہتا۔

اب دیکھو آنحضرتؐ نے بعینہٖ وہی لفظ تَوَفَّیْتَنِیْ جو مسیح کے لئے استعمال ہوا ہے اپنے لئے استعمال فرمایا ہے۔ پس تعجب ہے کہ آنحضرتؐ کے لیے جب لفظ توفّی آئے تو اس کے معنی ’’موت‘‘ لئے جائیں مگر جب وہی لفظ حضرت مسیح ؑکے متعلق استعمال ہو تو اس کے معنے آسمان پر اٹھانا لئے جائیں۔

ایک لطیفہ:۔ اس کے جواب میں مؤلف محمدیہ پاکٹ بک لکھتا ہے:۔

’’ایک ہی لفظ جب دو مختلف اشخاص پر بولا جائے تو حسب حیثیت و شخصیت اس کے جدا جدا معنے ہوتے ہیں۔ دیکھئے حضرت مسیح اپنے حق میں نفس کا لفظ بولتے ہیں اور خدائے پاک بھی……اب کیا خدا کا نفس اور مسیح کا نفس ایک جیسا ہے‘‘

جواب:۔ گویا آپ کے نزدیک آنحضرت صلی اﷲ علیہ وآلہٖ وسلم کی مثال حضرت مسیح کے بالمقابل ویسی ہی ہے جیسی مسیحؑ کی اﷲ تعالیٰ کے بالمقابل۔ اور گویا آپ کے نزدیک آنحضرتؐ کی حیثیت اور شخصیت مسیحؑ کی حیثیت اور شخصیت سے مختلف نوعیت کی ہے۔ معلوم ہوتا ہے کہ مؤلف محمدیہ پاکٹ بک بھی درپردہ الوہیت مسیح کا قائل ہے۔ ورنہ آنحضرتؐ اور مسیحؑ کی حیثیت نبوت اور بشریت کے لحاظ سے نوع ہرگز مختلف نہیں اور نہ خدا کی مثال پر حضرت مسیحؑ کا قیاس کیا جاسکتا ہے۔ پس غیر احمدی کا جواب محض نفس کا دھوکہ اور قیاس مع الفارق ہے۔ کیونکہ یہ تو درست ہے کہ انسان کا قیاس خدا پر نہیں کیا جاسکتا لیکن نبی کا قیاس نبی پر اور انسان کاقیاس انسان پر تو کیا جاسکتا ہے۔ خود قرآن مجید میں ہے کہ اے محمدؐ رسول اﷲ! کہہ دے کہ میں بھی پہلے انبیاء کی طرح ایک نبی ہوں۔ نیز (اٰل عمران:۱۴۵)

پس جو معنی آنحضرتؐ کی توفی کے ہیں بعینہٖ وہی معنی حضرت عیسیٰ ؑ کی توفّی کے بھی لینے پڑیں گے۔پھر بخاری میں ہے قَالَ ابْنُ عَبَّاسٍ ؓ مُتَوَفِّیْکَ مُمِیْتُکَ کہ حضرت ابن عباسؓ نے مُتَوَفِّیْکَ کے معنی موت کیے ہیں۔ (بخاری کتاب التفسیر سورۂ مائدہ زیر آیت ……۱۸۸)

تفسیر ابن عباسؓ

نوٹ:۔ بعض غیر احمدی مولوی ’’تفسیر ابن عباسؓ ‘‘کے حوالہ سے کہہ دیا کرتے ہیں کہ حضرت ابن عباسؓ تو حیات مسیح کے قائل تھے اور وہ آیت (اٰل عمران:۵۶) میں تقدیم تاخیر کے قائل تھے۔ تو اس کے جواب میں یاد رکھنا چاہیے کہ ہم نے حضرت ابن عباسؓ کا جو مذہب پیش کیا ہے وہ اَصَحَّ الْکُتُبِ بَعْدَ کِتَابِ اللّٰہِ یعنی صحیح بخاری میں درج ہے جس کی صحت اور اصالت میں کوئی شبہ نہیں ہوسکتا مگر وہ مختلف اقوال جو دوسری تفاسیر یا ’’تفسیر ابن عباسؓ ‘‘ کے نام سے مشہور کتاب میں درج ہیں وہ قابل استناد نہیں کیونکہ ان تمام تفاسیر کے متعلق محققین کی رائے ہے کہ وہ جعلی اور جھوٹی تفسیریں جو حضرت ابن عباسؓ کی طرف منسوب کردی گئی ہیں۔ چنانچہ لکھا ہے:۔

۱۔وَمِنْ جُمْلَۃِ التَّفَاسِیْرِ الَّتِیْ لَا یُؤَثَّقُ بِھَا تَفْسِیْرُ ابْنِ عَبَّاسٍ فَاِنَّہ مَرْوِیٌّ مِنْ طَرِیْقِ الْکَذَّابِیْنَ۔

(فوائد المجموعہ فی الاحادیث الموضوعہ مصنفہ علامہ شوکانی صفحہ ۱۱۱ و مطبوعہ در مطبع محمدی لاہور ۱۳۰۳ھ صفحہ ۱۰۴)

یعنی ناقابل اعتبار اور غیر معتبر تفسیروں میں سے ایک تفسیر ابن عباس بھی ہے کیونکہ وہ کذاب راویوں سے مروی ہے۔

۲۔حضرت امام سیوطیؒ فرماتے ہیں: ھٰذَہِ التَّفَاسِیْرُ الطِّوَالُ الَّتِیْ اَسْنَدُوْھَا اِلَی ابْنِ عَبَّاسٍ غَیْرُ مَرْضِیَّۃٍ وَ رُوَاتُھَا مَجَاھِیْلٌ(تفسیر اتقان جلد ۲ صفحہ ۱۸۸ التفسیر البسیط زیرآیت الانفال:۹) یہ لمبی لمبی تفسیریں جن کو مفسرین نے ابن عباس کی طرف منسوب کیا ہے ناپسندیدہ اور ان کے راوی غیر معتبر ہیں۔ (خادمؔ)

تَوفّی کے معنی عرف عام میں

قرآن مجید اور احادیث کے علاوہ اگر عرف عام کو بھی دیکھا جائے تو بھی متوفّی کے معنی میّت کے ہی ہوتے ہیں۔ مثال کے طور پر پٹواری کے رجسٹر اور دیگر دفاتر کو دیکھ لو۔ اور جنازہ کی دعا میں وَ مَنْ تَوَفَّیْتَہٗ مِنَّا فَتَوَفَّہٗ عَلَی الْاِسْلَامِ کہ جس کو تو ہم میں سے وفات دے تو اس کو اسلام پر ہی وفات دے۔
 

MindRoasterMir

لا غالب الاللہ
رکن انتظامیہ
منتظم اعلیٰ
معاون
مستقل رکن
تَوفّی کے معنی لغت سے

صحاح میں لفظ تَوَفِّی کے نیچے ہے تَوَفَّاہُ اللّٰہُ اَیْ قَبَضَ رُوْحَہٗ پھر لکھا ہے تُوُفِّیَ فُلَانٌ وَ تَوَفَّاہُ اللّٰہُ وَ اَدْرَکَتْہُ الْوَفَاۃُ پا لیا اس کو موت نے (اساس البلاغۃ از علامہ زمحشری زیر مادہ وفی )

اَلْوَفَاۃُ الْمَوْتُ وَ تَوَفَّاہُ اللّٰہُ۔ قَبَضَ رُوْحَہٗ

(قاموس جلد۴ زیر لفظ وفی از مجدالدین محمد بن یعقوب الفیروز آبادی)

تَوَفّٰہُ اللّٰہُ عَزَّ وَ جَلَّ اِذَا قَبَضَ نَفْسَہٗ (تاج العروس زیر لفظ وفی از محب الدین ابی فیض السید محمد مرتضیٰ الحسینی الواسطی الزبیدی الحنفی)

اَلْوَفَاۃُ الْمَنیَّۃُ وَالْوَفَاۃُ اَلْمَوْتُ وَ تُوَفِّیَ فُلَانٌ وَ تَوَفَّاہُ اللّٰہُ اِذَا قَبَضَ نَفْسَہُٗ وَ فِی الصِّحَاحِ اِذَا قَبَضَ رُوْحَہٗ (لسان العرب زیر لفظ وفی از ابن منظور جمال الدین محمد بن مکرم الانصاری) جب اس کے نفس کو اﷲ تعالیٰ قبض کرے۔ اور صحاح جوہری میں بجائے نفس کے روح کا لفظ استعمال کیا گیا ہے۔

تَوَفَّاہُ اللّٰہُ اَیْ قَبَضَ رُوْحَہٗ (صحاح جوہری زیر لفظ تَوَفِّی)

مُتَوَفِّی۔ وفات یافتہ، مرا ہوا، انتقال کردہ شدہ، جہان سے گزرا ہوا (فرہنگ آصفیہ زیر لفظ تَوَفِّی)

بعض تراجم میں توفّی کے معنے بھر لینے کے لکھے ہیں اور اس کا مطلب بھی موت دینا ہے۔

(فرہنگ آصفیہ زیر لفظ تَوَفِّی)

تَوَفِّی کا مادہ

کلیات ابوالبقاء صفحہ ۱۲۹ زیر بحث التوفی پر لکھا ہے۔ اَلتَّوَفِّیْ۔ اَلْاِمَاتَۃُ وَ قَبْضُ الرُّوْحِ وَ عَلَیْہِ اِسْتِعْمَالُ الْعَامَّۃِ…… وَالْفِعْلُ مِنَ الْوَفَاۃِ تُوَفِّیَ عَلَی مَا لَمْ یُسَمَّ فَاعِلُہٗ لِاَنَّ الْاِنْسَانَ لَا یَتَوَفّٰی نَفْسَہٗ فَالْمُتَوَفِّیْ ھُوَاللّٰہُ تَعَالٰی اَوْ اَحَدٌ مِّنَ الْمَلَائِکَۃِ وَ زَیْدٌ ھُوَالْمُتََوَفّٰی۔زیر بحث ’’التوفّی‘‘ یعنی توفی کے معنی مارنے اور قبض روح کرنے کے ہیں اور عام لوگوں کا استعمال اسی معنی پر ہے اور اشتقاق اس کا وفات سے ہے۔ توفّی مجہول استعمال کیا جاتا ہے کیونکہ انسان خود اپنی جان کو قبض نہیں کرتا کیونکہ مارنے والا اﷲ تعالیٰ ہے یا کوئی اس کا فرشتہ ہے اور انسان وہ ہے جس کو موت دی جاتی ہے۔

تَوفّی کے معنی احادیث سے

۱۔ قَالَ اَنَّہٗ سَیَکُوْنُ مِنْ ذٰلِکَ مَا شَاءَ اللّٰہُ عَزَّ وَ جَلَّ ثُمَّ یَبْعَثُ اللّٰہُ رِیْحًا طَیِّبَۃً فَیُتَوَفّٰی کُلُّ مَنْ کَانَ فِیْ قَلْبِہٖ مِثْقَالُ حَبَّۃٍ مِّنْ خَرْدَلٍ مِنْ اِیْمَانٍ فَیَبْقٰی مَنْ لَاخَیْرَ فِیْہِ فَیَرْجِعُوْن اِلٰی دِیْنِ اٰبَائِھِمْ۔ (تفسیر ابن کثیر زیرآیت توبہ:۳۴)

۲۔ عَنِ النَّبِیِّ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ انّہ قَالَ الْمُتَوَفّٰی عَنْھَا زَوْجُھَا لَا تَلْبِسُ الْمُعَصْفَرَۃَ مِنَ الثِّیَابِ۔الخ (مسند امام احمد بن حنبل حدیث ام سلمہ زوج النبی جلد۶ صفحہ ۳۰۲ مطبع المکتب الاسلامی بیروت)

۳۔ عَنْ عَائِشَۃَ ؓؓ اَنَّ النَّبِیَّ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ بَکٰی وَ بَکٰی اَصْحَابُہٗ تُوُفِّیَ سَعْدُ ابْنُ مَعَاذٍ اِلٰی اٰخِرِہٖ رَوَاہُ ابْنُ جَرِیْرٍ۔ (کنزالعمال جلد۶ صفحہ ۴۲)

۴۔اَنَّ رَسُوْلَ اللّٰہِ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ کَانَ اِذَا اشْتَکٰی نَفَثَ عَلٰی نَفْسِہٖ بِالْمُعَوِّذَاتِ مَسَحَ عَنْہُ بِیَدِہٖ فَلَمَّا اشْتَکٰی وَجَعَہُ الَّذِیْ تُوُفِّیَ فِیْہِ طَفِقْتُ اَنْفُثُ عَلٰی نَفْسِہٖ بِالْمُعَوِّذَاتِ۔ الخ (بخاری کتاب المغازی باب مرض النبیؐ و وفاتہ)

۵۔اِنَّ عَائِشَۃَ ؓ زَوْجَ النَّبِیِّ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ قَالَتْ رَاَیْتُ ثَلٰثَۃَ اَقْمَارٍ سَقَطْنَ فِیْ حُجْرَتِیْ فَقَصَصْتُ رُءْ َیایَ عَلٰی اَبِیْ بَکْرٍ الصَّدِّیْقِ ؓ قَالَتْ فَلَمَّا تُوُفِّیَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ وَ دُفِنَ فِیْ بَیْتِھَا قَالَ لَھَا اَبُوْبَکْرٍ ھٰذَا اَحَدُ اَقْمَارِکِ وَ ھُوَ خَیْرُھَا۔ (مؤطا امام مالک المجلد الثانی کتاب الجنائز حدیث ۶۰۰)

۶۔ عَنْ اُمِّ سَلْمَۃَ قَالَتْ وَالَّذِیْ تُوُفِّیَ نَفْسُہٗ تِعْنِی النَّبِیَّ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ مَا تُوُفِّیَ حَتّٰی کَانَتْ اَکْثَرُ صَلَاتِہٖ قَاعِدًا اِلَّا الْمَکْثُوْبَۃَ۔ الخ

(مسند امام احمد بن حنبل حدیث ام سلمۃ زوج النبیؐ)

۷۔عَنْ عَائِشَۃَ ؓ اَنَّھَا قَالَتْ اَنَّ اَبَا بَکْرٍ قَالَ لَھَا یَا بُنَیَّۃُ اَیُّ یَوْمٍ تُوُفِّیَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ۔الخ (مسند امام احمد بن حنبل جلد ۶ صفحہ ۱۱۸ مصری)

۸۔عَنْ عَبْدِاللّٰہِ ؓ قَالَ سَمِعْتُ عُمَرَ ابْنَ الْخَطَّابِ ؓ یَقُوْلُ لِطَلْحَۃَ ابْنِ عُبَیْدِاللّٰہِ مَا لِیَ اَرَاکَ قَدْ شُعِثْتُ وَاغْبَرَرْتَ مُنْذُ تُوُفِّیَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ الخ

(مسند امام احمد بن حنبل حدیث عمر بن الخطاب رضی اﷲ عنہ)

۹۔ عَنْ عُثْمَانَ ؓ اَنَّ رِجَالًا مِنْ اَصْحَابِ النَّبِیِّ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ حِیْنَ تُوُفِّیَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ حَزِنُوْا عَلَیْہِ حَتّٰی کَادَ بَعْضُھُمْ یُوَسْوِسُ وَ کُنْتُ منْھُمْ فَقُلْتُ لِاَبِیْ بَکْرٍ تَوَفَّی اللّٰہُ نَبِیَّہٗ ۔الخ (کنزالعمال جلد۷ مصری صفحہ۷۳ مصری)

تَوفّی کے لیے انعامی اشتہار

چونکہ متنازعہ فیہ جگہ میں تَوَفِّی بابِ تَفَعُّل سے ہے اور اﷲ تعالیٰ فاعل ہے اور ذی روح یعنی حضرت عیسیٰ ؑ مفعول ہیں اس لیے حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے ایسی صورت میں تَوَفِّی کے معنے سوائے قبضِ روح کے دکھانے والے کو ایک ہزار روپیہ انعام مقرر فرمایا ہے مگر آج تک کوئی مردِ میدان نہیں بنا جو یہ انعام حاصل کرتا، اور نہ ہی ہوگا۔ انشاء اﷲ تعالیٰ۔

بعض غیر احمدی مولوی کہا کرتے ہیں کہ تم نے توفّی کے متعلق یہ قاعدہ کہاں سے لیا ہے کہ جب اﷲ تعالیٰ فاعل کوئی ذی روح مفعول ہو تو اس کے معنی قبض روح یا موت کے ہوتے ہیں؟ تو اس کے جواب میں یاد رکھنا چاہیے کہ یہ قاعدہ کوئی من گھڑت قاعدہ نہیں ہے بلکہ کتب لغت میں مذکور ہے جیساکہ قاموس، تاج العروس اور لسان العرب میں ہے۔

۱۔ تَوَفّٰہُ اللّٰہُ۔ قَبَضَ رُوْحَہٗ (قاموس زیر لفظ وفی) یعنی اﷲ تعالیٰ نے اس ذی روح کی توفّی کی یعنی اس کی روح قبض کرلی۔ اس حوالہ میں لفظ توفّی باب تفعل سے ہے۔اﷲ فاعل مذکور ہے اور ہٗ کی ضمیر بھی جو ذی روح کی طرف پھرتی ہے اس کے معنے قبض روح صاف طور پرلکھے ہیں۔

اسی طرح تاج العروس زیر لفظ وفی جلد۲۰ اور لسان العرب زیر لفظ وفی کے حوالے پہلے صفحہ۱۸۴ پر درج ہوچکے ہیں۔

۲۔ تَوَفَّاہُ اللّٰہُ اَیْ قَبَضَ رُوْحَہٗ۔ اﷲ تعالیٰ نے فلاں شخص کی توفّی کی، یعنی اس کی روح کو قبض کیا۔ (صحاح الجوہری از اسماعیل بن حماد الجوہری الجزء السادس زیر لفظ وفی)

۳۔ استقراء کے طور پر یہ قاعدہ ہے، اس کے خلاف ایک مثال ہی بموجب شرائط پیش کرو۔ جو یقینا ناممکن ہے (خادم)

غیر احمدیوں کے عذر کا جواب

محمدیہ پاکٹ بک از مولانا محمد عبداﷲ صاحب معمار امرتسری صفحہ ۵۴۶، ۵۴۷ مطبع المکتبہ السفلیہ شیش محل روڈ لاہور پر جو تَوَفِّی کے معنے تفسیر بیضاوی اور تفسیر کبیر کے حوالہ سے اَلتَّوَفِّیْ۔ اَخْذُ الشَّیْیءٍ وَافِیًا اور تَوَفَّیْتُ مِنْہُ دَرَاھِمِیْ مذکور ہیں۔ ان ہر دو مثالوں میں توفّی کا مفعول ذی روح نہیں۔بلکہ پہلی مثال میں شَیْء اور دوسری میں درھم غیر ذی روح مفعول ہے۔ مگر اور میں مفعول حضرت عیسیٰ ؑ ذی روح ہیں۔

براہین احمدیہ کے حوالہ کا جواب

اسی طرح محمدیہ پاکٹ بک صفحہ ۵۱۵ پر براہین احمدیہ صفحہ ۵۱۹ حاشیہ کے حوالہ سے جو ترجمہ آیت: کا بدیں الفاظ درج کیا گیا ہے کہ ’’میں تجھ کو پوری نعمت دوں گا۔‘‘ وہ حجت نہیں کیونکہ اسی براہین احمدیہ کے صفحہ ۵۵۷ پر کا ترجمہ ’’وفات دوں گا‘‘ بھی درج ہے جو درست ہے۔ ’’نعمت دوں گا‘‘ والا ترجمہ لائق استناد نہیں کیونکہ خود حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے تحریر فرمایا ہے کہ وہ ترجمہ مستند نہیں ہے۔ ملاحظہ ہو۔ فرماتے ہیں:۔

الف۔’’یاد رہے کہ براہین احمدیہ میں جو کلماتِ الٰہیہ کا ترجمہ ہے وہ بباعث قبل از وقت ہونے کے کسی جگہ مجمل ہے اور کسی جگہ معقولی رنگ کے لحاظ سے کوئی لفظ حقیقت سے پھیرا گیا ہے یعنی صَرْف عَنِ الظَّاہِرکیا گیا ہے……پڑھنے والوں کو چاہیے کہ کسی ایسی تاویل کی پروا نہ کریں‘‘

(براہین احمدیہ حصہ پنجم۔ روحانی خزائن جلد ۲۱ حاشیہ صفحہ ۹۳)

ب:۔ ’’ مَیں نے براہین احمدیہ میں غلطی سے تَوَفّی کے معنے ایک جگہ پورا دینے کے کئے ہیں جس کو بعض مولوی صاحبان بطور اعتراض پیش کیا کرتے ہیں مگر یہ امر جائے اعتراض نہیں۔ میں مانتا ہوں کہ وہ میری غلطی ہے الہامی غلطی نہیں۔ مَیں بشر ہوں اور بشریت کے عوارض مثلاً جیسا کہ سہو اور نسیان اور غلطی یہ تمام انسانوں کی طرح مجھ میں بھی ہیں گو مَیں جانتا ہوں کہ کسی غلطی پر مجھے خدا تعالیٰ قائم نہیں رکھتا مگر یہ دعویٰ نہیں کرتا کہ مَیں اپنے اجتہاد میں غلطی نہیں کر سکتا۔ خدا کا الہام غلطی سے پاک ہوتا ہے مگر انسان کاکلام غلطی کا احتمال رکھتا ہے کیونکہ سہو و نسیان لازمۂ بشریت ہے۔ ‘‘

(ایام الصلح۔ روحانی خزائن جلد۱۴ صفحہ ۲۷۱، ۲۷۲)

ج۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے جو کچھ ایام الصلح کی عبارت میں تحریر فرمایا ہے وہ قرآن مجید و احادیث نبوی کے عین مطابق ہے کیونکہ یہی بات خود آنحضرت صلی اﷲ علیہ وسلم نے بھی فرمائی ہے جیسا کہ فرمایا:۔

مَا حَدَّثْتُکُمْ عَنِ اللّٰہِ سُبْحٰنَہٗ فَھُوَ حَقٌّ وَ مَا قُلْتُ فِیْہِ مِنْ قِبَلِ نَفْسِیْ فَاِنَّمَا اَنَا بَشَرٌ اُخْطِیُٔ وَ اُصِیْبُ۔ (نبراس شرح الشرح لعقائد نسفی صفحہ ۳۹۲) کہ جوبات میں اﷲ تعالیٰ کی وحی سے کہوں تو وہ درست ہوتی ہے (یعنی اس میں غلطی کا امکان نہیں) لیکن جو بات میں اس وحی الٰہی کے ترجمہ و تشریح کے طور پر اپنی طرف سے کہوں تو یاد رکھو کہ میں بھی انسان ہوں، میں اپنے خیال میں غلطی بھی کرسکتا ہوں۔

تفصیل کے لیے دیکھو پاکٹ بک ہذا۔ الہامات پر اعتراضات کا جواب صفحہ ۴۱۸

اسی طرح بخاری میں بھی ہے۔ اِنَّمَا اَنَا بَشَرٌ اَنْسٰی کَمَا تَنْسَوْنَ(بخاری کتاب الصلٰوۃ باب التو جہ نحو القبلۃ حیث کان) کہ میں بھی انسان ہوں، تمہاری طرح مجھ سے بھی نسیان ہوجاتا ہے۔
 

MindRoasterMir

لا غالب الاللہ
رکن انتظامیہ
منتظم اعلیٰ
معاون
مستقل رکن
تَوَفِّیْ کے معنی تفاسیر سے

۱۔ تفسیر خازن جلد نمبر۱ پر ہے۔ اَلْمُرَادُ بِالتَّوَفِّیْ حَقِیْقَۃُ الْمَوْتِ۔ یعنی تَوَفِّیْ سے مراد موت کی حقیقت ہے۔ (تفسیر خازن الجزء الاول زیر آیت اذ قال اﷲ یعیسیٰ……آل عمران:۵۵)

۲۔ تفسیر کبیرپر لکھا ہے۔ مُتَوَفِّیْکَ کے معنے ہیں۔ مُتَمِّمُ عُمْرَکَ فَحِیْنَئِذٍ اَتَوَفَّاکَ فَلَا اَتْرُکُھُمْ حَتّٰی یَقْتُلُوْکَ۔(تفسیر کبیر جلد ۸ صفحہ ۶۷۔زیر آیت اذ قال اﷲ یعیسیٰ……۔ آل عمران: ۵۶)

۳۔ تفسیر در منثور جلد ۲ صفحہ ۳۶ مطبوعہ مصر پر لکھا ہے۔ اَخْرَجَ ابْنُ جَرِیْرٍ وَ ابْنُ الْمُنْذِرِ وَ ابْنُ اَبِیْ حَاتِمٍ مِنْ طَرِیْقِ عَلِیٍّ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ فِیْ قَوْلِہٖ اِنِّیْ مُتَوَفِّیْکَ یَقُوْلُ اِنِّیْ مُمِیْتُکَ۔ یعنی ابن عباسؓ مُتَوَفِّیْکَ کے معنی مارنے والا کرتے ہیں۔

۴۔ تفسیر فتح البیان الجزء الرابع زیر آیت ما قلت لھم الا ما امرتنی بہ…… پر لکھا ہے۔ کے نیچے قِیْلَ ھٰذَا یَدُلُّ عَلٰی اَنَّ اللّٰہَ سُبْحٰنَہٗ تَوَفّٰہُ قَبْلَ اَنْ یَّرْفَعَہٗ یعنی خدا تعالیٰ نے عیسیٰ ؑ کو اٹھانے سے قبل وفات دے دی تھی۔

۵۔الف۔ تفسیر کشاف جلد۱ صفحہ ۳۰۶پر مُتَوَفِّیْکَ کے معنے لکھے ہیں وَ مُمِیْتُکَ حَتْفَ اَنْفِکَ یعنی طبعی موت سے مارنے والا ہے۔ (الکشاف جلد۱ زیر آیت اذ قال اﷲ یعیسیٰ……آل عمران:۵۵)

۶۔ب۔تفسیر مدارک برحاشیہ خازنزیر آیت و اذ قال اﷲ یعیسیٰ……آل عمران:۵۵

۷۔ تفسیر سر سید احمد خاں صاحب جلد ۲ صفحہ۱۹۳ زیر آیت فلما توفیتنی……المائدۃ:۱۱۷ ’’پھر جب تو نے مجھ کو فوت کیا، تو تُو ہی ان پر نگہبان تھا۔‘‘

۸۔ تفسیر فتح البیان زیر آیت انی متوفیک پر ہے زیر آیت مُتَوَفِّیْکَ۔قَالَ اَبُوْ زَیْدٍ مُتَوَفِّیْکَ قَابِضُکَ…… وَالْمَعْنٰی کَمَا قَالَ فِی الْکَشَّافِالخ اس نے بھی کشاف کے معنوں کو قبول کیا ہے اوروہ گزر چکے ہیں۔

۹۔ تاج التفاسیر جلد۱ صفحہ ۴۹ زیر آیت (البقرۃ: ۲۳۵) اَیْ یَمُوْتُوْنَ مِنْکُمْ۔

۱۰۔ سراج التفاسیر جلد۱ صفحہ ۱۴۵۔اَیْ یَمُوْتُمُوْنَ۔

۱۱۔ مجمع البیان جلد۱ ۔ اَیْ یُقْبَضُوْنَ وَ یَمُوْتُوْنَ۔

(جز ۲ صفحہ ۳۳۷ زیر آیت والذین یتوفون منکم و یزرون ازواجا……)

۱۲۔فتح البیان الجزء الثانی زیر آیت والذین یتوفون منکم……۔ وَالْمَعْنٰی اَلَّذِیْنَ یَمُوْتُوْنَ۔

۱۳۔ در الاسرار جلد ۱ صفحہ ۴۰۔ لِوَرُوْدِ حَمَامِھِمْ۔

۱۴۔ ترجمۃ القرآن تفسیر عبداﷲ چکڑالوی صفحہ ۲۰۲ اور جو لوگ مرجاویں گے تم میں سے۔

۱۵۔ روح البیان ۔ اَیْ یَمُوْتُوْنَ وَ یُقْبَضُ اَرْوَاحُھُمْ بِالْمَوْتِ۔ (زیر آیت والذین یتوفون منکم……)

۱۶۔ فتح البیان تفسیر سورۃ النساء زیر آیت ان الذین توفاھم الملائکۃ……۔اَلَّذِیْنَ تَوَفّٰھُمْ اَیْ تُقْبَضُ اَرْوَاحُھُمْ۔

۱۷۔ فتح البیان زیر آیت اﷲ یتوفی الانفس حین موتھا……۔ اَیْ یَقْبَضُ الْاَرْوَاحَ عِنْدَ حَضُوْرِ اٰجَالِھَا۔

۱۸۔ روح المعانی جلد ۵ صفحہ ۴۰۹ ۔ اَیْ مِنْکُمْ مَنْ یَمُوْتُ مِنْ قَبْلِ الشَّیْخُوْخَۃِ بَعْدَ بُلُوْغِ الرُّشْدِ اَوْ قَبْلَہٗ۔ ایضاً

۱۹۔ روح البیان ۔ یُقَالُ تَوَفّٰہُ اللّٰہُ قَبَضَ رُوْحَہٗ کَمَا فِی الْقَامُوْسِ…… وَ مَعْنَی الْاٰیَۃِ یَقْبِضُ اللّٰہُ الْاَرْوَاحَ الْاِنْسَانِیَّۃَ عَنِ الْاَبْدَانِ۔ الخ

(زیر آیت اﷲ یتوفی الانفس حین موتھا……)

۲۰۔ روح البیان جلد۳ صفحہ ۷۴۔ قَالَ فِی الصِّحَاحِ تَوَفَّاہُ قَبَضَ رُوْحَہٗ وَالْوَفَاۃُ اَلْمَوْتُ۔ (نیا ایڈیشن جلد۸ صفحہ۱۱۳)

۲۱۔ روح البیان جلد۳ صفحہ ۴۶۸ یُقْبَضُ رُوْحُہٗ وَ یَمُوْتُ۔

۲۲۔ روح البیان زیر آیت فاما نرینک بعض الذی نعدھم۔ اگر بمیرانیم ترا پیش از ظہور آں عذاب۔

۲۳۔ روح البیان جلد۲ صفحہ ۳۴۱۔ اَیْ یَقْبِضُ اَرْوَاحَھُمْ مَلَکُ الْمَوْتِ وَاَعْوَانُہٗ۔

۲۴۔ روح البیان جلد۲ صفحہ ۲۵۳۔ اَیْ نَقْبِضُ رُوْحَکَ الطَّاھِرَۃَ قَبْلَ اِرَاءَ ۃِ ذٰلِکَ۔ (نیا ایڈیشن جلد ۴ صفحہ ۳۸۸۔ تفسیر سورۃ الرعد:۴۱)

۲۵۔ روح البیان زیر آیت منک من یتوفی……۔ اَیْ یُقْبَضُ رُوْحُہٗ وَ یَمُوْتُ بَعْدَ بُلُوْغِ الرُّشْدِ اَوْ قَبْلَہٗ……وَالتَّوَفِّیْ عِبَارَۃٌ عَنِ الْمَوْتِ وَ تَوَفَّاہُ اللّٰہُ قَبَضَ رُوْحَہٗ۔

۲۶۔ روح البیان زیرآیت توفنی مسلمًا۔ اَیْ اِقْبِضْنِیْ اِلَیْکَ مُخْلِصًا بِتَوْحِیْدِکَ۔

۲۷۔ انوار التنزیل مصنفہ قاضی ناصر الدین عبداﷲ البیضاوی حاشیہ صفحہ ۳۲۴ مطبع دارالجیل بیروت۔ اِقْبِضْنِیْ۔

مفسرین کو غلطی لگی ہے

فتح البیان جلد ۲ صفحہ ۴۹ زیر آیت مُتَوَفِّیْکَ لکھا ہے:۔

وَ اِنَّمَااحْتَاجَ الْمُفَسِّرُوْنَ اِلٰی تَاْوِیْلِ الْوَفَاۃِ بِمَا ذُکِرَ لِاَنَّ الصَّحِیْحَ اَنَّ اللّٰہَ تَعَالٰی رَفَعَہٗ اِلَی السَّمَاءِ مِنْ غَیْرِ وَفَاتٍ کَمَا رَجَّحَہٗ کَثِیْرٌ مِّنَ الْمُفَسِّرِیْنَ وَاخْتَارَہٗ اِبْنُ جَرِیْرِ الطَّبْرِیُّ وَ وَجْہُ ذٰلِکَ اَنَّہٗ قَدْ صَحَّ فِی الْاَخْبَارِ عَنِ النَّبِیِّ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَ سَلَّمَ نُزُوْلُہٗ وَ قَتْلُہُ الدَّجَّالَ۔ یعنی کہتے ہیں کہ مفسرین نے جو وفات عیسیٰ ؑ کی نص کی تاویلیں کی ہیں اس کی و جہ یہ ہے کہ انہوں نے حدیثوں میں ان کے لیے نزول کا لفظ دیکھا اور ان کے قتل دجال کا بیان پڑھا۔

حالانکہ نزول سے آسمان پر جانا اور قتل دجال کے ذکر سے بعینہٖ ان کا زندہ رہنا ثابت نہیں ہوتا۔

(تفصیل اپنی جگہ پر دیکھیں)

دوسری دلیل:۔ (آل عمران:۵۶)

ترجمہ: جب فرمایا اﷲ تعالیٰ نے اے عیسیٰ ؑ میں ہی تجھے وفات دینے والا ہوں اور عزت دینے والا ہوں تجھ کو اور یہودِ نامسعود کے اعتراضات سے تجھے بری الذمہ کرنے والا ہوں اور تیرے ماننے والوں کو قیامت تک نہ ماننے والوں پر غالب کرنے والا ہوں۔

استدلال:۔ اﷲ تعالیٰ نے مُتَوَفِّیْکَ کو پہلے رکھا ہے، ہمارا کوئی حق نہیں کہ اﷲ تعالیٰ کی ترتیب کو بدلیں ورنہ اس کی حکمت پر الزام آئے گا کہ اس نے اس چیز کو جو پیچھے تھی بلاو جہ آگے کردیا (نعوذباﷲ)

دوم:۔ آنحضرت صلی اﷲ علیہ وسلمسے پوچھا گیا کہ حضورؐ پہلے صفا کا طواف کریں گے یا مروہ کا۔ آپ نے فرمایا:۔ اَبْدَءُ بِمَا بَدَأَ اللّٰہُ اس سے شروع کرتا ہوں جس سے اﷲ تعالیٰ نے شروع کیا ہے۔ پس ہمیں بھی وہی پہلے رکھنا چاہیے جس کو اﷲ تعالیٰ نے پہلے رکھا ہے۔ (نیز دیکھو محمدیہ پاکٹ بک صفحہ ۵۹۳ ناشر مطبع المکتبۃ السفلیۃ شیش محل روڈ لاہور۔ بحوالہ مسلم و جلالین)

سوم:۔ اگر مُتَوَفِّیْکَ کو پیچھے کیا جائے تو ساری ترکیب ہی درہم برہم ہوجائے گی اور صحیح طور پر مُتَوَفِّیْکَ کی کوئی جگہ نہ ہوگی۔ کیونکہ وعدہ نمبر۴ اب شروع ہے اور الی یوم القیامۃ رہے گا۔ تَوفِّیْ کے معنے اوپر گزر چکے ہیں اور رفع کے معنے (النساء:۱۵۹) کی بحث میں ملاحظہ کریں۔

غیر احمدی:۔ واؤ ترکیب کے لیے نہیں ہوتی جیسا کہ قرآن مجید کی آیت (النحل:۷۹) میں ہے۔

جواب:۔ آیت محولہ میں تو نہایت پرمعارف ترتیب ہے کیونکہ جب بچہ پیدا ہوتا ہے تو اس وقت اس کی آنکھیں بند ہوتی ہیں ہاں کان کھلے ہوتے ہیں، سن سکتا ہے اسی لئے سب سے پہلے اس کے کان میں اذان دینے کا حکم ہے۔ پس اس و جہ سے قرآن مجید میں سَمْع(سننے کو)پہلے رکھا گیا ہے۔ دیکھنے کی وقت بعد میں ظاہر ہوتی ہے۔ اس لیے اَبْصَار کو بعد میں بیان کیا گیا ہے۔ اور چونکہ عقل اور سمجھ بہت بعد میں آتی ہے ا س لیے اﷲ تعالیٰ نے اَفْئِدَۃَ(دل)کو سب سے پیچھے رکھا ہے۔ ’’دل‘‘ عقل کے معنوں میں استعمال ہوتا ہے۔ جیساکہ قرآن مجید میں ہے۔(الاعراف:۱۸۰) کہ ان کے دل ہیں مگر ان دلوں سے یہ سمجھتے نہیں۔ پس آیت قرآنی میں حد درجہ ایمان افروز ترتیب ہے اس طرح (البقرۃ:۵۹)میں بھی ہر دومقامات پر عدم ترتیب نہیں کیونکہ کہنا دروازے میں داخل ہونے کے ساتھ ہی ہر دومقامات میں بیان ہوا ہے یعنی دروازے میں داخل ہونا اور کہنا قرآن مجید کی دونوں آیات اورمیں بیک وقت وقوع میں آنا بیان ہوا ہے۔ پس اس میں بھی تقدیم تاخیر کا کوئی سوال پیدا نہیں ہوتا۔ پس حق اور سچ بات یہی ہے کہ انسان کے کلام میں توواؤ عالیہ اگر بغیر صحیح ترتیب کے مستعمل ہو تو ممکن ہے مگر اﷲ تعالیٰ کا کلام بغیر ترتیب کے نہیں ہوسکتا۔ تعجب ہے کہ حیات مسیح کے باطل عقیدہ نے تم کو قرآن مجید کے مرتب اور مسلسل کتاب ہونے کا بھی منکر بنا دیا ہے۔ سچ ہے

؂خشت اوّل چوں نہد معمار کج تا ثریا مے رود دیوار کج

تیسری دلیل:۔ (المائدۃ:۷۶) ترجمہ:۔ نہیں مسیح ابن مریم مگر ایک رسول البتہ آپ سے پہلے رسول سب فوت ہوچکے اور آپ کی والدہ راستباز تھی۔ وہ دونوں ماں بیٹا کھانا کھایا کرتے تھے۔

استدلال:۔ اﷲ تعالیٰ نے عیسیٰ اور مریم کے ترک طعام کو ایک جگہ بیان فرماکر ظاہر کردیا کہ دونوں کے یکساں واقعات ہیں۔ اب مریم کے ترک طعام کی و جہ موت مسلّم ہے تو ماننا پڑے گا کہ حضرت مسیحؑ کے ترک طعام کی بھی یہی و جہ تھی کیونکہ ماضی استمراری ہے۔گویا اب نہیں کھاتے لیکن خدا تعالیٰ فرماتا ہے (الانبیاء:۹) یعنی ان (انبیاء)کو ہم نے ایسا جسم نہیں بنایا جو کھانا نہ کھاتا ہو یا ہمیشہ رہنے والا ہو۔ حدیث میں بھی آنحضرتؐ فرماتے ہیں وَلَا مُسْتَغْنِیْ عَنْہُ رَبَّنَا(بخاری کتاب الاطعمۃ باب ما یقول اذا فرغ من طعامہ) اے ہمارے رب ہمارے لئے اس سے استغناء نہیں ہوسکتا۔ پس بشر بصورت زندگی تو محتاج طعام ہے پس مسیح کا احتیاج سے سوائے موت کے بری ہونا کیونکر ممکن ہے؟

چوتھی دلیل:۔ (آل عمران:۱۴۵)

ترجمہ: آنحضرتؐ صرف ایک رسول ہیں آپ سے پہلے کے سب رسول فوت ہوچکے ہیں۔ پس اگر یہ مرجائے یا قتل کیا جائے تو تم اپنی ایڑیوں پر پھر جاؤ گے۔

استدلال:۔ اس آیت میں آنحضرتؐ سے پہلے تمام رسولوں کی نسبت گزر جانے کی خبردی ہے اور گزر جانے کے طریق صرف دو قرار دیئے ہیں،موت اور قتل۔ یعنی بعض بذریعہ موت طبعی گزرے اور بعض بذریعہ قتل۔ اگر کوئی تیسری صورت گزر نے کی ہوتی تو اس کا بھی آیت میں ذکر ہوتا۔ مثلاً آسمان پر زندہ اٹھائے جانے کی صورت جو مسیح کے متعلق خیال کی جاتی ہے۔ چنانچہ اس کی تائید تفسیروں کے ان حوالجات سے بھی ہوتی ہے جو زیر عنوان ’’خَلَا کے معنے تفسیر میں‘‘درج ہیں۔ (دیکھو صفحہ ۱۹۳)

اس آیت میں صاف لکھا ہے کہ آنحضرتؐ سے پہلے سب رسول گزر چکے ہیں یعنی فوت ہوچکے ہیں جن میں حضرت عیسیٰ ؑ بھی شامل ہیں بلکہ یوں کہنا چاہیے کہ چونکہ آیت (المائدۃ:۷۶) میں سے بظاہر مسیحؑ باہر رہ جاتے تھے، اﷲ تعالیٰ نے ان کی وفات کا بالتخصیص ذکر فرمانے کے لئے یہ آیت نازل فرمائی۔
 

MindRoasterMir

لا غالب الاللہ
رکن انتظامیہ
منتظم اعلیٰ
معاون
مستقل رکن
غیر احمدی عذرات کا جواب

مصنف محمدیہ پاکٹ بک نے اس ضمن میں صفحہ ۵۷۶، ۵۷۷ پر جو ترجمہ حضرت مسیح موعودؑ اور حضرت خلیفۂ اولؓ کا جنگ مقدس، شہادۃ القرآن اور فصل الخطاب کے حوالہ سے دیا ہے کہ ’’کئی رسول‘‘ یا ’’بہت سے رسول‘‘۔ یہ غیر احمدیوں کے چنداں مفید طلب نہیں ہوسکتا کیونکہ اس ترجمہ سے باقی رسولوں کی نفی نہیں ہوتی۔ البتہ اگر چند رسول یا بعض رسول ہو تا تو کوئی بات بھی تھی ورنہ جس قدر رسول آنحضرتؐ سے قبل گزر چکے تھے۔ اس میں کیا شک ہے کہ وہ ’’کئی‘‘ اور ’’بہت سے‘‘ تھے۔

غیر احمدی:۔ قرآن مجید میں آتا ہے (الرعد:۷) اس سے پہلے بہت سے عذاب گزر چکے ہیں۔ کیا یہاں خلا کے معنے موت ہیں؟

(محمدیہ پاکٹ بک صفحہ ۶۰۹ ناشر المکتبۃ السفلیۃ شیش محل روڈ لاہور)

جواب:۔ ہمارا دعویٰ تو یہ ہے کہ خَلَا کا لفظ بصیغۂ ماضی جب انسانوں کے متعلق استعمال ہو تو ہمیشہ وفات یافتہ انسانوں ہی کے متعلق آتا ہے مگر کیا تمہاری پیش کردہ آیت میں مَثُلٰتُ (الرعد:۷) (عذاب) ذی روح ہے؟

محمدیہ پاکٹ بک کی پیش کردہ دوسری آیت (الرعد:۳۱) میں ہلاک شدہ قومیں ہی مراد ہیں، جیسا کہ اﷲ تعالیٰ نے سورۃ رعد میں فرمایا:۔

(ابراھیم:۱۰) یعنی کیا تمہیں ان قوموں کی خبر نہیں ملی جو تم سے پہلے تھیں یعنی قوم نوح، عاد،ثمود اور وہ لوگ جو ان کے بعد ہوئے جن کو سوائے خدا کے اور کوئی نہیں جانتا ان کے پاس رسول آئے تو انہوں نے ان کا انکار کیا۔

انہی اقوام کی تباہی اور ہلاکت کی تفصیل سورۂ ہود اور دوسری سورتوں میں متعدد مقامات پر قرآن مجید میں دی گئی ہے۔ پس تمہاری پیش کردہ سورۃ رعد والی آیت میں بھی کے معنے ہلاک شدہ ہی کے ہیں نہ کچھ اور۔

خَلَا کے معنی از روئے قرآن کریم

رَفَعَ اِلَی السَّمَاءِ خَلَا کے اندر داخل نہیں فرمایا جس سے معلوم ہوا کہ اس قسم کا خلا کسی کا نہیں ہوتا۔ اگر کوئی کہے کہ چونکہ آنحضرتؐ نے آسمان پر نہ جانا تھا اس لیے وہ ذکر نہ کیا گیا۔ تو ہم کہتے ہیں کہ آنحضرت نے تو قتل بھی نہ ہونا تھا، جیساکہ اﷲ تعالیٰ وعدہ فرماچکا تھا (المائدۃ:۶۸) پھر قتل کا ذکر کیوں کیا۔ معلوم ہوا کہ رَفَع اِلَی السَّمَاءِ ۔ خَلَا میں شامل نہیں۔

دوم:۔ بہت جگہ یہ لفظ قرآن کریم میں موت کے معنی میں استعمال ہوا ہے، ملاحظہ ہو:۔

۱۔ دو(۲) مرتبہ (البقرۃ:۱۳۵، ۱۴۲)

۲۔ (المائدۃ:۷۶)

۳۔ (الرعد:۳۱)

۴۔ (حم السجدۃ:۲۶)

۵۔ (الاحقاف:۱۸)

۶۔ (الاحقاف:۱۹)

۷۔ (الاحقاف:۲۲)

۸۔ (یونس:۱۰۳)

۹۔ (النور:۳۵)

۱۰۔ (الاحزاب:۳۹)


خَلَا کے معنی ازلغتِ عرب

سوم:۔لغت سے خَلَا کے معنی مَاتَ کے ثابت ہیں:۔

خَلَا فُلَانٌ اِذَا مَاتَ(لسان العرب زیر مادہ ’’خلا‘‘)۔ خَلَا الرَّجُلُ اَیْ مَاتَ (اقرب الموارد زیر لفظ خلا)

خَلَا فُلَانٌ اَیْ مَاتَ (تاج العروس زیر لفظ خلا)

شعر کی مثال ؂

اِذَا سَیِّدٌ مِّنَّا خَلَا قَامَ سَیِّدٌ

قَؤُوْلٌ لِّمَا قَالَ الْکِرَامُ فُعُوْلٌ

(دیوان الحماسہ الأبی تمام جبیر بن اوس الطائی شاعر السموال بن عاد باب الحماسہ ناشر المکتبۃ السفلیۃ لاہور)

خلا کے معنی از تفاسیر

۱۔ تفسیر مظہری زیر آیت و ما محمد الا رسول……۔ قَدْ خَلَتْ۔ مَضَتْ وَ مَاتَتْ مِنْ قَبْلِہِ الرُّسُلُ فَسَیَمُوْتُ ھُوَ اَیْضًا۔ (ایضاً جلد۲ صفحہ ۱۴۷)

۲۔ تفسیر جامع البیان صفحہ۶۱۔ قَدْ خَلَتْ مِنْ قَبْلِہِ الرُّسُلُ بِالْمَوْتِ اَوِ الْقَتْلِ فَیَخْلُوْا مُحَمَّدٌ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ۔ (ایضاً جز نمبر۱ صفحہ ۱۰۳)

۳۔ تفسیر بحر مواج جلد۱ صفحہ ۴۱۳۔ معنی این است کہ بدرستی از و پیغمبران گزشتہ اند وہمہ از جہان رفتہ اند۔

۴۔ تفسیر سراج منیر جلد۱ صفحہ ۲۵۱۔ فَسَیَخْلُوْا کَمَا خَلَوْا بِالْمَوْتِ اَوِ الْقَتْلِ یعنی پہلے رسول یا مرگئے یا قتل ہوگئے اسی طرح آنحضرت صلی اﷲ علیہ وسلم بھی ہوں گے۔

۵۔تفسیر خازن زیر آیت و ما محمد الا رسول……۔ وَ مَعْنَی الْاَیَۃِ فَسَیَخْلُوْا مُحَمَّدٌ کَمَا خَلَتِ الرُّسُلُ مِنْ قَبْلِہٖ۔

۶۔ حضرت امام رازیؒ اس آیت کی تفسیر میں لکھتے ہیں:۔

وَ حَاصِلُ الْکَلَامِ اَنَّہٗ تَعَالٰی بَیَّنَ اَنَّ قَتْلَہٗ لَا یُوْجِبُ ضُعْفًا فِیْ دِیْنِہٖ بَدَلِیْلَیْنِ۔

(اَلْاَوَّلُ) بِالْقِیَاسِ عَلٰی مَوْتِ سَائِرِ الْاَنْبِیَاءِ وَ قَتْلِھِمْ۔

(وَالثَّانِیْ) اَنَّ الْحَاجَۃَ اِلَی الرَّسُوْلِ لِتَبْلِیْغِ الدِّیْنِ وَ بَعْدَ ذٰلِکَ فَلَا حَاجَۃَ اِلَیْہِ فَلَمْ یَلْزِمْ مِنْ قَتْلِہِ فَسَادُ الدِّیْنِ(تفسیر کبیر رازی زیر آیت ما کان لنفس ان تموت الا باذن اﷲ……) کہ خلاصۂ کلام یہ ہے کہ اﷲ تعالیٰ نے اس آیت میں یہ بتایا ہے کہ آنحضرتؐ کے قتل ہوجانے سے آپ کے دین میں کوئی کمزوری واجب نہیں آتی۔ اوّل اس و جہ سے کہ تمام گزشتہ انبیاء کی موت اور قتل پرقیاس کرنے سے یہی نتیجہ نکلتا ہے۔ دوسرے اس و جہ سے کہ نبی کی بعثت کی غرض تو تبلیغ دین ہوتی ہے۔ پس جب وہ تبلیغ دین کا فریضہ ادا کرچکے تو پھر اس کو زندہ رکھنے کی کوئی حاجت نہیں رہتی۔

۷۔ حضرت داتا گنج بخش صاحبؒ اس آیت کا ترجمہ ان الفاظ میں فرماتے ہیں۔ ’’یعنی محمد صلی اﷲ علیہ وسلم محض رسول خدا ہیں۔ ان کے پہلے بھی رسول راہ رَوعالم آخرت ہوئے۔ کیا اگر حضرتؐ انتقال فرماگئے یا قتل کئے گئے تو تم پیچھے قدم ہٹ جاؤ گے۔ یعنی الٹی چال چلو گے۔ ‘‘

(کشف المحجوب مترجم اردو صفحہ ۳۷۔ باب۳ تصوف کے بیان میں ’’فارسی‘‘عشرت پبلشنگ اڈس ہسپتال روڈ انار کلی لاہور)

۸۔ تفسیر مدارک برحاشیہ خازن زیر آیت و ما محمد الا رسول……۔ خَلَتْ۔ مَضَتْ۔ فَسَیَخْلُوْا۔

۹۔ تفسیر کشاف زیر آیت و ما محمد الا رسول……۔ فَسَیَخْلُوْا کَمَا خَلَوْا۔ نبی کریمؐ کا خَلَا ویسے ہی ہوگا جیسے پہلوں کا ہوچکا ہے۔

۱۰۔ تفسیر قنوی علی البیضاوی صفحہ ۱۲۴۔ جلد۳۔ فَسَیَخْلُوْا کَمَا خَلَوْا بِالْمَوْتِ اَوِ الْقَتْلِ…… اِنَّھُمُ اعْتَقَدُوْا اِنَّہٗ رَسُوْلٌ کَسَائِرِ الرُّسُلِ فِیْ اِنَّہٗ یَخْلُوْا کَمَا خَلَوْا رُدَّ عَلَیْھِمْ اِنَّہٗ لَیْسَ اِلَّا رَسُوْلًا کَسَائِرِ الرُّسُلِ فَسَیَخْلُوْا کَمَا خَلَوْا۔ یعنی لوگوں نے اعتقاد کیا کہ آنحضرتؐ فوت نہ ہوں گے تو اﷲ تعالیٰ نے فرمایا کہ باقی رسول جب فوت ہوگئے تو یہ کیوں نہ فوت ہوں گے۔

اس آیت سے وفات مسیحؑ پر صحابہ کرامؓ کا اجماع

آنحضرت صلی اﷲ علیہ وسلم کی وفات صدمہ آفات نے صحابہؓ کی کمر ہمت کو توڑ دیا۔ حتی کہ حضرت عمرؓ نے کہنا شروع کیا کہ جو کوئی آنحضرت صلی اﷲ علیہ وسلمکو فوت شدہ کہے گا اس کی گردن اڑادوں گا۔ چنانچہ بخاری کتاب النبیؐ الٰی کسرٰی و قیصر باب مرض النبیؐ و وفاتہٖ میں مندرجہ ذیل حدیث ہے:۔

عَنْ عَبْدِاللّٰہِ ابْنِ عَبَّاسٍؓ اَنَّ اَبَا بَکْرٍ خَرَجَ وَ عُمَرُ یُکَلِّمُ النَّاسَ فَقَالَ اِجْلِسْ یَا عُمَرُ فَاَبٰی عُمَرُ اَنْ یَّجْلِسَ فَاَقْبَلَ النَّاسُ اِلَیْہِ وَ تَرَکُوْا عُمَرَ فَقَالَ اَبُوْ بَکْرٍ اَمَّا بَعْدُ مَنْ کَانَ مِنْکُمْ یَعْبُدُ مُحَمَّدًا صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ فَاِنَّ مُحَمَّدًا قَدْ مَاتَ فَمَنْ کَانَ مِنْکُمْ یَعْبُدُ اللّٰہَ فَاِنَّ اللّٰہَ حَیٌّ لَا یَمُوْتُ قَالَ اللّٰہُ اِلٰی قولہ وَ قَالَ وَاللّٰہِ لَکَأَنَّ النَّاَسَ لَمْ یَعْلَمُوْا اَنَّ اللّٰہَ اَنْزَلَ ھٰذِہِ الْاٰیَۃَ حَتّٰی تَلَا ھَا اَبُوْ بَکْرٍ فَتَلَقّٰھَا مِنْہُ النَّاسُ کُلَّھُمْ فَمَا اَسْمَحَ بَشَرًا مِنَ النَّاسِ اِلَّا یَتْلُوْھَا۔ فَاَخْبَرَنِیْ سَعِیْدُ ابْنُ الْمُسَیِّبِ اَنَّ عُمَرَ قَالَ وَاللّٰہِ مَا ھُوَ اِلَّا سَمِعْتُ اَبَا بَکْرٍ تَلَاھَا فَعَقَرْتُ حَتّٰی مَا تُقِلُّنِیْ رِجْلَایَ وَ حَتّٰی اَھْوَیْتُ اِلَی الْاَرْضِ حِیْنَ سَمِعْتُہٗ تَلَاھَا اَنَّ النَّبِیَّ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ قَدْ مَاتَ۔

یہ خطبہ مسند امام ابو حنیفہؒ صفحہ ۱۸۸ اور حمام الاسلامیۃ صفحہ ۵۴ پر بھی موجود ہے۔ تو حضرت ابوبکرؓ نے خطبہ پڑھا جس میں بتایا کہ جس طرح اور رسول فوت ہوچکے ہیں آنحضرتؐ بھی فوت ہوگئے ہیں۔ جس پر صحابہؓ میں سے کسی نے انکار نہ کیا اور حضرت عمرؓ فرماتے ہیں کہ مجھے اتنا صدمہ ہوا کہ میں کھڑا نہ ہوسکتا تھا اور زمین پر گرگیا اور میں نے سمجھ لیا کہ آنحضرتؐ فی الواقعہ فوت ہی ہوچکے ہیں۔

اس سے یوں استدلال ہوتا ہے کہ حضرت ابوبکرؓ نے حضرت عمرؓ کے استدلال کو اس طرح توڑا ہے کہ آپؐ ایک رسول ہیں اور آپؐ سے پہلے سب رسول فوت ہوچکے ہیں۔ اگر حضرت عمرؓ یا کسی اور صحابی کے ذہن میں بھی یہ بات ہوتی کہ حضرت عیسیٰ ؑ زندہ بجسدہ العنصری ہیں تو وہ آگے سے فوراً کہہ دیتا ہے کہ اجی عیسیٰ ؑبھی تو رسول ہی تھے وہ پھر کیوں زندہ ہیں، لیکن کسی کا ایسا نہ کرنا اس بات کا بیّن ثبوت ہے کہ ان کے وہم میں بھی حیاتِ عیسیٰ ؑ کا عقیدہ نہ تھا بلکہ وہ سب کو وفات یافتہ تسلیم کرتے تھے۔ یہی و جہ ہے کہ انہوں نے سرِ تسلیم خم کیا اور بالکل چون و چرانہ کی۔

اس اجماع سے ان روایات کی بھی حقیقت کھل جاتی ہے جو بعض صحابہ کرامؓ کی طرف حیاتِ عیسیٰ ؑ کے بارے میں منسوب کی جاتی ہیں۔کیونکہ اگر کوئی ایسی روایت ہو تو اس کی دو صورتیں ہیں (۱) یا تو وہ اس سے پہلے کی ہے (۲) یا بعد کی۔ صورت اوّل میں وہ قابل استناد نہیں، کیونکہ اجماع سے وہ گر جائے گی اور صورت ثانی میں بہرحال قابلِ ردّ۔

اعتراض:۔ اگر اَلرُّسُل کا الف لام استغراقی مانا جائے تو لازم آتا ہے کہ آنحضرتؐ سے پہلے ہی تمام رسول فوت ہوجائیں کیونکہ مِنْ قَبْلِہٖ بو جہ مقدم ہونے کے اَلرُّسُل کی صفت نہیں بن سکتی۔ ہاں خَلَتْ فعل کے ساتھ متعلق ہوسکتی ہے۔ لہٰذا لازم آیا کہ آنحضرتؐ سے پہلے ہی تمام رسول فوت ہوں ورنہ آنحضرتؐ اور مرزا صاحبؑ دونوں کی نفی ہوئی۔

جواب:۔ ’’مِنْ قَبْلِہٖ‘‘ ’’اَلرُّسُل‘‘ کی صفت ہی ہے جس کے معنی ہیں کہ تمام وہ رسول فوت ہوگئے جو آنحضرتؐ سے پہلے تھے اور صفت کا موصوف سے پہلے آنا جائز ہے جیسا کہ قرآن مجید میں ہے:۔

(ابراھیم:۲،۳)

عَزِیْزٌ اور حَمِیْدٌ اﷲ کی صفات ہیں جو اس پر اس آیت میں مقدم مذکور ہیں۔ چنانچہ لکھا ہے۔ وَ یَجُوْزُ اَنْ یَّکُوْنَ الْعَزِیْزُ الْحَمِیْدُ صِفَتَیْنِ مُتَقَدِّمَیْنِ وَ یُعَرِّبُ الْاِسْمُ الْجَلِیْلُ مَوْصُوْفًا مُتَأَخِّرًا (روح المعانی زیر آیت الی صراط العزیز الحمید۔)

۲۔ (الصّٰفّٰت:۱۲۶، ۱۲۷)

کیا تم بعل کو پکارتے (پوجتے) ہو اور اَحْسَنَ الْخَالِقِیْنَ (یعنی سب سے اچھا بنانے والے) خدا کو جو تمہارا رب ہے چھوڑتے ہو۔ اس آیت میں اَحْسَنَ الْخَالِقِیْنَ صاف طور پر اﷲ کی صفت ہے مگر موصوف یعنی اﷲ بعد میں ہے، اور صفت احسن الخالقین اس پر مقدم مذکور ہے۔ اسی طرح مِنْ قَبْلِہِ اَلرُّسُل بھی صفت ہے اور اس پر مقدم مذکور ہے۔ فلا اعتراض۔
 

MindRoasterMir

لا غالب الاللہ
رکن انتظامیہ
منتظم اعلیٰ
معاون
مستقل رکن
پانچویں دلیل:۔ (النحل: ۲۱، ۲۲)

ترجمہ:۔ یہ مشرک جن لوگوں کو اﷲ کے سوائے پکارتے ہیں وہ ایسے ہیں کہ انہوں نے کچھ پیدا نہیں کیا وہ پیدا کیے گئے ہیں۔ مردہ ہیں زندہ نہیں اور نہیں جانتے کہ کب وہ اٹھائے جائیں گے۔

استدلال:۔ حضرت عیسیٰ ؑ بھی ان ہستیوں میں سے ہیں جن کو معبود مانا جاتا ہے۔ چنانچہ اﷲ تعالیٰ فرماتا ہے:۔

(المائدۃ:۱۸) پس وہ بھی وفات یافتہ ہیں۔ ان کا کہیں استثناء نہیں۔

نوٹ:۔ بعض حیلہ ساز لوگ اس جگہ کہہ دیا کرتے ہیں کہ اَمْوَاتٌ۔ مَیِّتٌ کی جمع ہے یعنی مرنے والے ہیں کسی وقت ضرور مریں گے۔

جواب:۔ یہ بالکل غلط ہے کہ اَمْوَاتٌ۔ مَیِّتٌ کی جمع ہے۔اَمْوَاتٌ تو مَیْتٌ کی جمع ہے جس کے معنے ہیں ’’مرے ہوئے‘‘ اور مَیِّتٌ کی جمع مَیِّتُوْنَ ہے۔ دیکھو لغت کی کتاب المنجدزیر لفظ موت۔ اور آیت بھی اس کی مؤیّد ہے کیونکہ اس میں (النحل:۲۲)یعنی ایسے اموات جو زندہ نہیں ہیں۔ پس اَمْوَاتٌ کو مَیِّتٌ کی جمع قرار دینا زبان اور قرآن دونوں سے ناواقفیت کی دلیل ہے۔

اگر ملائکہ اور جنوں کا اعتراض کرو تو یاد رہے کہ وہ عالمِ امر سے ہیں اور (النحل:۲۱) میں عالم خلق کا بیان ہے اس لئے ان کا یہاں ذکر نہیں۔ ہاں حضرت عیسیٰ ؑ کا ذکر ہے۔ ملائکہ اور جنوں کے نہ مرنے کا کیا ثبوت ہے؟ (العنکبوت: ۵۸) کے کلیہ سے وہ کیونکر باہر رہ سکتے ہیں۔

چھٹی دلیل:۔ آیت (الاعراف:۲۶) ترجمہ:۔ اﷲ تعالیٰ نے بنی آدم کو فرمایا کہ تم اسی زمین میں ہی زندگی بسر کرو گے اور اسی میں مرو گے اور پھر اسی سے اٹھائے جاؤ گے۔

استدلال:۔ یہ ایک عام قانونِ الٰہی ہر فرد بشر پر حاوی ہے تو کیونکر ہوسکتا ہے کہ کے صریح خلاف حضرت عیسیٰ ؑ آسمان پر زندہ موجود ہوں۔ اس آیت میں(فعل) پر (ظرف) مقدم ہے۔ پس از روئے قواعدِ نحو اس میں حصر ہے جس سے استثناء ممکن نہیں۔

نوٹ:۔ اس آیت کی تائید میں یہ آیتیں بھی ہیں:۔۱۔(المرسلات: ۲۶، ۲۷) کیا ہم نے زمین کو زندوں اور مردوں کو سمیٹنے والی نہیں بنایا؟

۲۔ (البقرۃ:۳۷)اور تمہارے لئے زمین میں ٹھکانا ہے اور فائدہ اٹھانا ایک مدت تک ۔

ساتویں دلیل:۔(مریم:۳۲)

ترجمہ:۔(حضرت عیسیٰ ؑ کہتے ہیں)اﷲ تعالیٰ نے مجھ کو تاکیدی حکم دیا ہے کہ جب تک میں زندہ رہوں نماز پڑھتا اور زکوٰۃ ادا کرتا رہوں۔

استدلال:۔ حضرت عیسیٰ ؑ کا زکوٰۃ دینا ان کی تمام زندگی بھر فرض قرار دیا گیا ہے اس سے لازم آتا ہے کہ ان کے پاس زکوٰۃ دینے کے لائق روپیہ بھی ہو اور مستحقین زکوٰۃ بھی زندہ رہیں۔ پس آسمان میں اگر وہ زندہ فرض کیے جاویں تو وہاں روپیہ اور زکوٰۃ لینے والوں کا ایک گروہ بھی ان کے ہمراہ ہونا ضروری ہے جس کا کوئی ثبوت نہیں۔ اگر کہو کہ حضرت عیسیٰ ؑ کے پاس وہاں مال نہیں اس لیے ان پر زکوٰۃ فرض نہیں۔ تو اس کا جواب یہ ہے کہ اگر حضرت عیسیٰ ؑ کے آسمان پر اٹھائے جانے کے بعد ان کے پاس مال نہیں رہنا تھا تو (مریم:۳۲) کی بجائے مَا دُمْتُ عَلَی الْاَرْضِ کہنا چاہیے تھا۔ جس کا مطلب یہ ہوتا کہ مجھے اﷲ تعالیٰ نے حکم دیا ہے کہ ’’میں جب تک زمین پر رہوں۔‘‘ زکوٰۃ دیتا رہوں۔ پس حضرت عیسیٰ ؑ کو خدا تعالیٰ کا خاص طور پر زکوٰۃ دینے کا حکم بتاتا ہے کہ حضرت عیسیٰ ؑ صاحبِ نصاب تھے اور جب تک زندہ رہے صاحب نصاب رہے۔

دوسرا سوال اس آیت کے متعلق یہ ہے کہ حضرت عیسیٰ ؑ آسمان پر جو نماز پڑھتے ہیں تو کس طرف منہ کرکے؟ اگر کہو کہ عرش خداوندی کی طرف منہ کرکے پڑھتے ہیں تو اس پر سوال یہ ہے کہ ان کو وہ کیسے معلوم ہوئی۔ اگر کہو کہ اﷲ تعالیٰ نے ان کو بذریعہ وحی بتادی ہوگی تو معلوم ہوا کہ حضرت مسیحؑ اسلامی نماز اس لئے نہیں پڑھتے کہ یہ آنحضرتؐ پر نازل ہوئی تھی بلکہ اس لئے کہ یہ خود ان پر نازل ہوئی ہے۔ پس ثابت ہوا کہ ابھی تک موسوی شریعت منسوخ نہیں ہوئی۔ اگر کہو کہ آنحضرتؐ نے حضرت عیسیٰ ؑ کو معراج کی رات عندالملاقات بتادی ہوگی تو یہ غلط ہے۔کیونکہ معراج کی رات جب حضرت عیسیٰ ؑ آنحضرتؐ سے ملے ہیں اس وقت تک ابھی نماز فرض ہی نہیں ہوئی تھی بلکہ اس کے بعد فرض ہوئی۔ اور نماز کے فرض ہونے کے بعد آنحضرتؐ کے ساتھ ان کی ملاقات ثابت نہیں۔

پھر سوال یہ ہے کہ حضرت عیسیٰ ؑ دارالعمل میں ہیں یا دارالجزاء میں؟ اگر کہو دارالعمل میں تو پھر ان پر نماز و زکوٰۃ وغیرہ تمام اعمال کا بجالانا فرض ہے۔ اور اگر کہو دارالجزاء میں تو وہ دو قسم کا ہے (۱) دوزخ (۲) جنت۔ حضرت عیسیٰ ؑ اوّل الذکر میں تو جا نہیں سکتے۔ پس معلوم ہوا کہ وہ جنت میں ہیں اور جنت کے متعلق خداتعالیٰ فرماتا ہے:۔

(الحجر:۴۹) کہ جنتی جنت سے نکالے نہیں جائیں گے۔ پس حضرت عیسیٰ ؑ اب دنیا میں واپس نہیں آسکتے۔

آٹھویں دلیل:۔ (مریم:۳۴)

ترجمہ:۔ (حضرت عیسیٰ ؑ کہتے ہیں) کہ سلامتی ہے مجھ پر جس دن میں پیدا ہوا اور جس دن میں مروں گا اور جس دن میں دوبارہ اٹھایا جاؤں گا۔

استدلال:۔ سلامتی کے یہ تینوں اوقات بعینہٖ اس سورت میں حضرت یحییٰ ؑ کے لیے بھی آئے ہیں اور اگر بفرض محال حضرت عیسیٰ ؑ زندہ ہیں اور یہودِ نا مسعود کے نرغے سے بچ کر آسمان پر جا بیٹھے ہیں تو اس سلامتی کا کہاں ذکر ہے؟ وہ تو زیادہ اظہار امتنان کا موقعہ تھا۔ ان مواقع مذکورہ میں تو سب نبی موردِ سلامتی بنتے ہیں، آپ کے شریک ہیں، لیکن دو اہم اور عظیم الشان واقعات کی حضرت مسیحؑ کے ساتھ خصوصیت ہے، یعنی آسمان پر جانا اور آسمان سے واپس آنا، یہ سلامتی کے ساتھ ذکر کرنے کے زیادہ قابل تھے۔ خصوصاً جب کہ یہ مسیح کا کلام ان کے اختیار سے نہیں بلکہ وحی الٰہی کے ماتحت ہے۔

نویں دلیل:۔ آیت (بنی اسرائیل:۹۴)

کفار نے آنحضرتؐ سے جو نشانات طلب کیے ان میں سے ایک یہ بھی نشان انہوں نے طلب کیا اور سب سے اس کو آخر میں رکھا اور اپنے ایمانی فیصلہ کو اس پر ٹھہرایا کہ آپؐ آسمان پر جائیں اور وہاں سے کتاب لائیں جس کو ہم پڑھ کر آپ پر ایمان لائیں۔ آپ کو اﷲ تعالیٰ نے اس کے جواب میں یہ حکم دیا کہ کہو میرا ربّ پاک ہے۔ میں بندہ رسول ہوں۔ یعنی اﷲ کی قدرت میں تو کسی قسم کا نقص نہیں، لیکن رسول کو آسمان پر لے جانا سنت اﷲ نہیں۔

جائے غور ہے کہ کفار کا یہ کہنا کہ تو آسمان پر چڑھ جاوے اور کتاب لاوے تب ہم ایمان لائیں گے، تو اس کے جواب میں اﷲ تعالیٰ نے آنحضرتؐ کو آسمان پر نہ اٹھا لیا تاکہ سب کفار ایمان لے آویں، بلکہ یہ فرمایا کہ ایسا نہ ہوگا۔ جس کی و جہ یہ ہے کہ تو ایک بشر رسول ہے اور بشر رسول آسمان پر نہیں جایا کرتے۔ بھائیو! غور کرو جب حضرت عیسیٰ ؑ بھی بشر رسول ہیں تو وہ کیونکر آسمان پر جاسکتے ہیں ؂

غیرت کی جا ہے عیسیٰ ؑ زندہ ہو آسماں پر

مدفون ہو زمیں میں شاہِ جہاںؐ ہمارا

دسویں دلیل:۔ آیت (الانبیاء:۳۵)

ترجمہ:۔ اور ہم نے تجھ سے پہلے (اے محمد صلی اﷲ علیہ وسلم) کسی انسان کو غیرطبعی زندگی نہیں دی۔ کیا یہ ہوسکتا ہے کہ تُو تو فوت ہوجائے اور وہ زندہ رہیں۔

استدلال:۔ مسلمانو! دیکھو اﷲ تعالیٰ کس قدر غیرت سے فرماتا ہے کہ لیکن ایک تم ہو کہ عیسیٰ ؑ کو تو زندہ مانتے ہو مگر اس سید المعصومینؐ کو فوت شدہ تسلیم کرتے ہو۔ استدلال صاف ہے، زیادہ وضاحت کی ضرورت نہیں۔ اﷲ تعالیٰ نے صاف فرمادیا کہ یہ ہو نہیں سکتا کہ تُو تو جو انفع للناس ہے دنیا سے رحلت کرجائے اور اَور کوئی تجھ سے پہلے کا زندہ ہو۔ پس ثابت ہوا کہ حضرت مسیحؑ فوت ہوگئے۔

گیارہویں دلیل:۔ آیت (الصّفّ:۷) حضرت عیسیٰ ؑ علیہ السلام نے بشارت دی کہ میرے بعد ایک نبی آئے گا اس کا نام احمد ہوگا۔

تم کہتے ہو کہ آنحضرت صلی اﷲ علیہ وسلم احمد ہیں تو ثابت ہوا کہ حضرت عیسیٰ ؑ فوت ہوچکے ہیں کیونکہ احمد نے بہرحال مِنْ بَعْدِیْ ہی آنا ہے۔ اگر آج بقول تمہارے وہی عیسیٰ ابن مریم واپس آجائیں تو آنحضرتؐ احمد ان سے پہلے ہوجائیں گے نہ کہ بعد۔ تو کیا اس وقت قرآن میں سے مِنْ بَعْدِیْ کاٹ کر اس کی جگہ اور تبدیلی کردو گے؟

پس ثابت ہوا کہ اب جبکہ احمد آچکا ہے تو حضرت عیسیٰ ؑ واپس نہیں آسکتے۔

بارہویں دلیل:۔ آیت (یونس: ۲۹)

ترجمہ:۔ اور جس دن ہم ان کو اکٹھا کریں گے اور پھر ہم ان سے جنہوں نے شرک کیا کہیں گے کہ تم اور تمہارے شریک اپنی اپنی جگہ پر ٹھہرے رہو۔ پھر ہم ان کے درمیان جدائی ڈال دیں گے اور ان کے معبود مشرکوں سے کہیں گے کہ تم ہماری عبادت نہیں کرتے تھے۔ اﷲ ہمارے اور تمہارے درمیان کافی گواہ ہے۔ ہم تو یقینا تمہاری عبادت سے غافل ہیں۔

(یونس:۳۰)

ان آیات سے صاف طور پر ثابت ہوتاہے کہ قیامت کے دن تمام معبودانِ باطلہ خدا کو گواہ رکھ کر کہیں گے کہ ہم کو معلوم نہیں کہ یہ لوگ ہماری عبادت کرتے تھے۔ ظاہر ہے کہ حضرت عیسیٰ ؑ بھی انہی معبودوں میں سے ہیں کہ جن کی خدا کے سوا عباد ت کی جاتی ہے۔ جیسا کہ (المائدۃ: ۱۸) سے ثابت ہے۔ اب اگر بقول غیراحمدیان حضرت عیسیٰ ؑ دوبارہ دنیا میں تشریف لائیں اور صلیبوں کو توڑیں تو وہ کس طرح قیامت کے دن خدا تعالیٰ کو گواہ رکھ کر یہ کہیں گے کہ مجھے معلوم نہیں کہ عیسائی میری عبادت کرتے اور مجھے خدا بناتے تھے؟

یا تو یہ کہو کہ نعوذ باﷲ حضرت عیسیٰ ؑ غلط بیانی کریں گے یا یہ تسلیم کرو کہ اب دوبارہ دنیا میں وہ تشریف نہیں لائیں گے۔ یہ تو ممکن نہیں کہ حضرت عیسیٰ ؑ نعوذ باﷲ غلط بیانی سے کام لیں۔ پس دوسری بات ہی درست ہے کہ وہ واپس دنیا میں تشریف نہیں لائیں گے۔ و ھٰذا ہُوالمراد۔

دیگر آیات:۔ ان مندرجہ بالا آیات کے علاوہ اس مسئلہ پر روشنی ڈالنے والی اور بھی بہت سی آیات ہیں جن میں سے چند یہ ہیں:۔

۱۔ (النحل:۷۱)

ترجمہ:۔ اﷲ وہ ذات ہے جس نے تم کو پیدا کیا پھر تم کو وفات دیتا ہے اور بعض تم میں رذیل ترین عمر (انتہائی بڑھاپے)کی طرف لوٹائے جاتے ہیں جس کی و جہ سے وہ جاننے کے بعد نہ جاننے والا بن جاتا ہے۔

ہمارے دوست بتائیں کہ کیا حضرت عیسیٰ ؑ کے اس قانون سے مستثنیٰ ہونے کا کوئی ثبوت ان کے پاس ہے؟ ہرگز نہیں۔

۲۔ (الحج:۶) ترجمہ اوپر گزر چکا ہے۔

۳۔ (یٰس:۶۹)

ترجمہ:۔ جس کو ہم لمبی عمر دیتے ہیں ہم پھر اس کو خلقت میں الٹاتے ہیں یعنی وہ جوانی کے بعد بڑھاپے سے ہوتا ہوا نادان بن جاتا ہے۔ کیا حضرت عیسیٰ ؑ پر یہ قانون حاوی نہیں؟

۴۔ (الروم:۵۵)

ترجمہ:۔ اﷲ وہ ذات ہے جس نے تم کو ضعف سے پیدا کیا اور پھر کچھ عرصہ کے لئے قوت عطا فرمائی اور پھر قوت کے بعد ضعف اور بڑھاپا بنایا۔

بقول مخالفینِ احمدیت بھی حضرت عیسیٰ ؑ نے آسمان پر جانے سے پیشتر قوت پائی تھی۔ اب اتنے عرصہ کے بعد ضرور ہے کہ آپ دوبارہ ضعف کا شکار ہوچکے ہوں اور دنیا میں آکر بجائے خدمت دین کرنے کے اپنی ہی خدمت کرائیں۔

۵۔ (الفرقان:۲۱)

ترجمہ:۔ ہم نے اے محمدصلی اﷲ علیہ وآلہٖ وسلم! تجھ سے پہلے رسول نہیں بھیجے مگر وہ کھانا کھایا کرتے تھے اور بازاروں میں پھرا کرتے تھے۔

صاف ظاہر ہے کہ اﷲ تعالیٰ نے قبل محمد صلی اﷲ علیہ وسلم کے سب رسولوں کو ایک ہی لڑی میں پرو دیا ہے، منجملہ ان کے ایک حضرت عیسیٰ ؑ بھی ہیں۔ لہٰذا معلوم ہوا کہ آپ بھی اس دارِ فانی سے رحلت فرماگئے ہیں۔ (البقرۃ: ۱۵۷)
 
Top