• السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ اس فورم کا مقصد باہم گفت و شنید کا دروازہ کھول کر مزہبی مخالفت کو احسن طریق سے سلجھانے کی ایک مخلص کوشش ہے ۔ اللہ ہم سب کو ھدایت دے اور تا حیات خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم کا تابع بنائے رکھے ۔ آمین
  • [IMG]
  • السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ مہربانی فرما کر اخلاق حسنہ کا مظاہرہ فرمائیں۔ اگر ایک فریق دوسرے کو گمراہ سمجھتا ہے تو اس کو احسن طریقے سے سمجھا کر راہ راست پر لانے کی کوشش کرے۔ جزاک اللہ

تفسیر کبیر ۔ تفسیر القرآن حضرت خلیفۃ المسیح الثانی مرزا محمود احمد رض ۔جلد 7 یونی کوڈ

MindRoasterMir

لا غالب الاللہ
رکن انتظامیہ
منتظم اعلیٰ
معاون
مستقل رکن
تفسیر کبیر ۔ تفسیر القرآن حضرت خلیفۃ المسیح الثانی مرزا محمود احمد رض ۔جلد 7۔ یونی کوڈ

سورۃ الشعرآء مکیۃ
سورۃ شعراء یہ سورۃ مکی ہے ۔
وھی مع البسملۃ مائتان وثمان وعشرون ایۃً واحد عشر رکوعاً
اور بسم اللہ سمیت اس کی دو سو اٹھائیس (۲۲۸) آیتیں ہیں۔ اور گیارہ رکوع ہیں ۱؎
۱؎ زمانہء نزول ۔:سورئہ شعراء اکثر مفسرین کے نزدیک مکی ہے مگر مقاتل کہتے ہیں کہ اس میں کچھ آیتیں مدنی بھی ہیں ۔جیسا کہ اس آیت میں شعراء کا ذکر ہے (آیت ۲۲۵) اسی طرح وہ آیت میں ذکر ہے کہ کیا ا ن کے لئے یہ نشان کم ہے کہ علماء بنی اسرائیل بھی اس قرآن کو پہنچانتے ہیں یعنی سمجھتے ہیں کہ یہ قرآن انبیا ء بنی اسرائیل کی پیشگوئیوں کے مطابق ہے (آیت ۱۹۸)
ابن عباسؓ اور قتادہؓ کا قول ہے کہ اس میں سے صرف چار آیتیں مدنی ہیں باقی سب سورۃ مکی ہے اور وہ چار آیتیں وہ ہیں جو والشعرآء یتبعھم الغاون سے آخر تک چلتی ہیں ۔(آیت ۲۲۵تا ۲۲۸)لیکن اس قسم کی موشگافی کی وجہ یا تو یہ ہو ا کرتی ہے کہ بعض مضامین کو مفسرین مدینہ یا مکہ کے مناسب حال سمجھ لیتے ہیں یا کسی ایسے واقعہ کو جو ان آیات سے مناسبت رکھتا ہے اپنے قیاس کا موجب بنا لیتے ہیں ۔ورنہ بلا کسی خاص دلیل یا تاریخی گواہی کے یہ تفریق پیدا کرنا درست نہیں۔ مثلاً مقاتل نے اولم یکن لھم ایۃً ان یعلمہٗ علمٰٓوابنی اسرآئیل(آیت ۱۹۸)کو صرف اس لئے مدنی قرار دے دیا ہے کہ اس میں علماء بنی اسرائیل کو ذکر ہے حالانکہ سورئہ مریم قطعی اور یقینی طور پر مکی ہے اور وہ ساری کی ساری عیسائیت اور یہودیت کے ذکرسے پُر ہے ۔اسی طرح سورئہ طٰہٰ قطعی اور یقینی طور پر مکی ہے مگر وہ بھی بنی اسرائیل کے ذکر سے پُر ہے ۔اور ابن عباس ؓاور ان کے دو شاگردوںنے آخری آیتوں کو صرف اس لئے مدنی قرار دے دیا ہے کہ ان میں شعراء کا ذکر ہے ۔اور شعر پر زور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ ء مدنی میں دیا گیا تھا ۔اس لئے پہلے مسلمانوں میں شاعر نہ تھے اور ان آیات میں یہ ذکر ہے کہ شاعر محض تُک بند ہوتے ہیں سوائے نیک شاعروں کے ۔گر یہ استدلال درست نہیں کیونکہ بغیر کسی واقعہ کے بھی تو اصول بیان کئے جاتے ہیں ۔اگر اسی طرح دلائل قائم کئے جائیں تو شاید ارسطو ؔکی کتب اور سقراطؔکی کتب سے اس کے عجیب و غریب سوانح زندگی تیا ر کرلئے جائیں ۔آخر انسان واقعات سے جُدا ہو کر بھی تو سوچتا ہے پھر اس کے لئے یہ کیا مشکل ہے کہ وہ یہ سمجھ لے کہ اگر قرآن خدا کا کلام نہیں تو بھی اس میں جاری واقعات سے الگ ہو کر بھی کوئی مضمون آسکتا ہے ۔سب سے زیادہ تعجب کی یہ بات ہے کہ یہ غلطی ابتدا میں خود مسلمانوں کو لگی ہے پھر مسیحیوں نے اُسے اُچھالا ہے ۔ مگر جس نے بھی غور کیا ہے باوجود دشمن کے اس استدلال کی غلطی کو سمجھ گیا ہے ۔چنانچہ ریورنڈ وہیریؔ نے اپنی تفسیر میں اس قسم کے استدلال کو غلط قرار دیا ہے اور اس سورۃ کو یقینی طور پر مکی قرار دیا ہے پس اس قسم کے اجتہاد قطعاً درست نہیں ہو سکتا خواہ مسلمان ایسا کریں یا عیسائی کریں ۔سورتوں کا زمانہ ہم صرف تاریخی شواہد سے متعین کرسکتے ہیں ۔اور وہ بھی محض اس حد تک کہ فلاں سورۃ یا اس کا معتدبہ حصہ فلاں زمانہ میں اترا ہے ۔اس سے زیادہ باتیں جو قیاس سے معلوم کی جائیں ہمیں غلطی کی طرف لے جاسکتی ہیں ۔لیکن ان سے فائدہ کوئی نہیں ہو سکتا ۔
ترتیب سُور:سورۃ الفرقان کے آخر میں بتایا گیا تھا کہ یہ خیا ل مت کرو کہ اللہ تعالیٰ اس نظام کو تباہ کردے گا جو اس وقت دیر سے قائم شدہ مذہبوں کے ذریعہ سے دنیا میں جار ی ہے بلکہ یہ سوچو کہ اللہ تعالیٰ نے تو انسان کو اپنی آواز پر لبیک کہنے اور اپنے اخلاق کو ظاہر کرنے کے لئے پیدا کیا تھا اگر وہ اس غرض کو پورا نہیں کرتا تو اللہ تعالیٰ کوایسے انسان یا اس نظام کے قائم رکھنے کی ضرورت کیا ہے ۔ اور اُسے اس کے تباہ کرنے کا غم کیوں ہو ،اب اس سورۃ میں یہ بتایا ہے کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بھی اپنی محبت اور بنی نوع انسان کی ہمدردی کی وجہ سے اس پیش نظر خطرہ سے گھبراتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ بجائے تباہی کے اگر انسان کو بچا لیا جائے تو اچھا ہے ۔یہ بے شک ان کی محبت کا ثبوت ہے لیکن خدا تعالیٰ کی سکیم کے مطابق نہیں ۔کیونکہ خدائی سکیم یہ ہے کہ انسان کو علم وعرفان دے کر اس امر کا موقع دیا جائے کہ وہ اپنی مرضی اور اپنی کوشش سے خداتعالیٰ کے قرب کا راستہ تلاش کرے اور اگر وہ ایسا نہ کرے تو اس کے طبعی نتائج بھگتے ۔اگر اللہ تعالیٰ ایسا نہ کرتا توا نسان ایک مشین تو بن جاتا لیکن خدا تعالیٰ کی شکل پر بنایا ہوا وجود نہ ہوتا۔ پس باوجود محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ہمدردی اور محبت اور شدید خواہش کے انسان کو خدائی سکیم کے مطابق چلنا ہوگا ۔اس کے بغیر وہ حقیقی نجات نہیں پاسکتا ۔
اس سورۃ سے مسیحیوں اور یہودیوں سے خطاب جو سورئہ یونس سے شروع تھا اُس کا رُخ بدل کر پھر مسلمانوں کی طرف کیا گیا ہے اور اسی وجہ سے مقطعات میں تبدیلی کی گئی ہے ۔
اس سورۃ کا نام شعرآء اس لئے رکھا گیا ہے کہ اس سورۃ کا مضمون بتاتا ہے کہ انسانی ترقی قول اور عمل میں یک رنگی سے ہی حاصل ہوتی ہے اور وہ لوگ جو کہتے کچھ اور ہیں اور کرتے کچھ اور ہیں شعراء کی طرح وہ کامیاب نہیں ہوتے ۔گویا بتایا کہ اس زمانہ میں صرف مسلمان ہی ایسے ہونگے جن کا قول و فعل یکساں ہوگا ۔اس لئے وہی جیتیں گے ۔دوسرے لوگ مثالی طور پر شعراء کی طرح ہیں ۔یعنی دعوے تو بہت کرتے ہیں لیکن عمل کم ہے اس وجہ سے مسلمانوں کے مقابل پر نہیں جیت سکتے ۔
سورۃ شعرآء کے مضامین کا خلاصہ
اس سورت کے شروع میں بتایاگیاہے کہ اس سورۃ اوراس کی تابع سورتوں میں اللہ تعالی کی ا ن تین صفات کی تشریح کی گئی ہے ۔(۱) لطیف (۲)سمیع(۳)مجید۔ یعنی اللہ تعالی کے مخفی سے مخفی رازوں سے واقف ہونے ،دعائوں کے سننے اوراس کے مجید ہونے پر یعنی ان قوانین پر جن سے اس کی اعلیٰ شان ظاہر ہوتی ہے ظلم اورجبرثابت نہیں ہوتا اِس سورۃ میں روشنی ڈالی گئی ہے اوراس کے دلائل دئیے گئے ہیں(آیت ۱و۲)
یہ کتاب اپنے دعاوی کے دلائل خود دیتی ہے ۔کسی اَورکی مدد اوروکالت کی محتاج نہیں ہے(آیت ۳)
پچھلی سورتو ںمیں جوکفارکی تباہی کی خبردی گئی تھی اورکہاگیاتھا کہ خداان پر رحم نہیں کرے گا ۔اس پر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کوکفار کی خیر خواہی کی وجہ سے سخت تکلیف پہنچی ہے مگریہ غم بیکار ہے ۔کیونکہ ان لوگوں کو اللہ تعالیٰ جبراً مومن بناسکتا ہے اوراس کاکوئی فائدہ نہیں ہے(آیت ۴ و۵)
ذاتی طور پر جو لوگ حقا ئق کے ماننے سے دور ہوچکے ہیں اورہرسچائی پر ہنسی اُڑاتے ہیں ۔(آیت ۶و۷)
دنیامیں اللہ تعالیٰ نے ہرضرورت کے سامان پیدا کئے ہیں اورقسم قسم کے جوڑے بنا ئے ہیں پھر کیو ں خدائی سلسلہ میں بھی جوڑے نہ ہوں ۔یعنی مثیل موسیؑ اورمثیلِ عیسیٰؑ پیدانہ ہوں ۔اگرایسا ہوتو قابل اعتراض امرنہیںبلکہ خداتعالی کی طاقت اوراُس کی رحمت ہی کا ثبوت ملتا ہے(آیت ۸تا ۱۰)
کیا یہ لوگ موسیٰ کو نہیں دیکھتے کہ خدانے اُسے فرعون کی طرف بھیجا ۔اوراُس نے جانے سے پہلے بھی اپنے مُلکیوں کی سنگدلی سے خوف کیااورچاہاکہ عذر سن کر اُسے معا ف کیاجا ئے اورہارون کو مقرر کردیاجائے ۔لیکن خداتعالیٰ نے اُس کا عذر نہ سنا کیونکہ وہی سب سے بہتر وجود اس کام کے لئے تھا ہاں ہارون کو اس کے اساتھ ملادیا ۔اورفرمایا کہ جا کر فرعون کو ہماراپیغام سنادو۔ہم تمہارے ساتھ ہوں گے اور اس سے کہہ دوکہ وہ بنی اسرائیل کو ملک سے نکلنے دے ۔(آیت ۱۱تا۱۸)
فرعون نے اس پر سابق احسان جتائے اوراس کی زند گی پر کچھ اعتراضات کئے ۔اوراُسے احسان فراموش قرار دیا ۔موسیٰؑ نے ا ِس کے جوا ب دیئے اورکہا کہ ا گر مَیں ایسا ہو تاتوخدا مجھے اپنی رسالت کے لئے کیوں چن لیتا ۔(آیت ۱۹تا۲۲)
اورپھر کہا کہ تیرے احسان مجھ پر اس جرم کے مقا بل کیا ہیں کہ تُو نے میری ساری قوم کو غلام بنارکھا ہے (آیت ۲۳)
فرعون نے شرمندہ ہوکربات بدلی اورخدا تعالیٰ کی ہستی کے متعلق سوال شروع کردیئے ۔حضرت موسیٰؑ نے جواب دیئے ۔آخر تنگ آکر اُس نے دھمکی دی کہ میرے سواکو ئی اورمعبودمانا توقید کردوں گا ۔موسیٰؑ نے کہا ۔خداکے شواہد تود یکھ ۔اُس نے کہا ۔اگرکچھ شواہد ہیں تولا۔اِ س پرموسیٰؑ نے اپناعصاپھینکا جوفرعون کو ایک اژدہا نظر آیا ۔اورموسیٰؑ نے اپناہاتھ بغل سے نکالا تو و ہ چمک رہاتھا ۔فرعو نے اِن امورکو سحر قرار دیا ۔اورقوم کو بھڑکایا کہ یہ سیا سی فضیلت چاہتا ہے ۔انہوں نے ساحروں سے مقابلہ کروانے کامشورہ دیا ۔سا حر بلوائے گئے تو وہ مغلوب ہوئے اورموسیٰؑ پر ایما ن لے آئے۔ (آیت ۲۴تا ۵۲)
اِ س پر ہم نے موسیٰ کو اپنی قوم ا س ملک سے نکال لے جانے کے کاحکم دیا ۔(آیت ۵۳)
فرعون نے قوم کو غیرت دلائی ۔پیچھا کیا لیکن برباد ہوااورجونعمتیں اُسے حاصل تھیں ویسی ہی نعمتیں موسیٰؑ کو عطاکرنے کی خدانے تدبیر کی (چنانچہ شام کاعلاقہ مصر سے بالکل مشابہ کہاجاسکتاہے بلکہ وہ علاقہ مصرسے بھی بہترہے)(آیت ۵۴تا ۶۰)
فرعون اپنے لشکروں سمیت آگے بڑھا توموسیٰؑ کی قوم ڈری ۔مگر موسیٰ نے تسلی دی ۔پھر اللہ تعالیٰ نے معجزانہ طور پر موسیٰ کو سمندر میں سے خشک نکال کر لے گیا اورفرعون کو غرق کردیا ۔(آیت ۶۱ تا ۶۹)
پھر ابراہیم کو دیکھ۔ا س نے اپنی قوم کو توجہ دلائی کہ خداتعالیٰ سنتا ہے اورتمہارے بت سنتے نہیں اوربے طاقت ہیں۔انہوں نے جوان دیا کہ کچھ ہو ہم اپنے با پ دادا کے مذہب کو چھو ڑنہیں سکتے۔ابراہیمؑ نے کہا و ہ سب حق کے خلاف تھے لیکن مَیں تو اُسی خداکومانتا ہوں جو فعّال ہے اوردنیا کے کاموں میں اس کا دخل جاری ہے۔اُس کی طرف سے ہدایت بھی آتی رہتی ہے ۔جسمانی رزق بھی آتا رہتا ہے ۔شفابھی آتی رہتی ہے۔موت کے بعد حیات بھی آتی رہتی ہے اورمرنے کے بعد بھی اُسی پرامیدیں ہیں (آیت ۷۰تا۹۰)
اللہ تعالیٰ کی ہمیشہ سے یہ سنت چلی ہوئی ہے کہ وہ نیکوں کی مدد کرتا ہے اوربدوں کوسزادیتا ہے ۔مجر م لو گ پہلے تو اکڑتے ہیں ۔لیکن پھر منت و سماجت پر اُتر آتے ہیں ۔یہ سب باتیں خدا تعالیٰ کے باد شاہ رحمن ہو نے پر دلالت کرتی ہیں (آیت ۹۱تا ۱۰۵)
پھر نوحؑ کو دیکھو ۔اُس نے بھی خداتعالیٰ کی طر ف سے مبعوث ہونے کادعویٰ کیا ۔نیکی کی تعلیم دی ۔اوربغیر کو ئی بدلہ لئے خدمت کرنی چاہی ۔لیکن لوگوں نے اس پر یہ اعتراض کیا کہ اس کے ماننے والے ادنیٰ درجہ کے لوگ ہیں یہ کیونکر جیت سکتے ہیں ۔مگرنوح نے کہا کہ ادنیٰ اوراعلیٰ کا معیار اعمال صالحہ پر ہے ۔نہ کہ قوم اورحکومت پر (آیت ۱۰۶ تا۱۱۶)
مخالفوں نے بجائے جواب کے دھمکیاں دینی شروع کردیں ۔اِ س پرانہوںنے خداسے فیصلہ چاہا ۔اورمخالفوں کے دنیوی سامان سب دھرے کے دھرے رہ گئے ۔اوروہی ہواجو خدانے چاہاتھا (آیت ۱۱۷تا۱۲۳)
پھر عادؔ کے رسول ہودؔآئے ۔اُن سے بھی اِسی طرح ہوا۔انہوں نے بھی قوم کو توجہ دلائی کہ ظاہری شان وشوکت سے قوم زندہ نہیں رہتی باطنی اخلاق سے زندہ رہتی ہے ۔اوروہ تم میں مفقود ہیں۔انہوں نے کہا یہ باتیں پہلے بھی لوگ کہتے رہے ہیں ۔مگر کسی کا کچھ نہیں بگڑا۔ مگرآخر وہ بھی پکڑے گئے ۔(آیت ۱۲۴تا۱۴۱)
پھر ثمودکی قو م کی طرف صالح آئے ۔انہوں نے بھی بے بدلہ خدمت کا اعلان کیا اوربتایاکہ ظاہر ی شان شوکت روحانی طاقت کے بغیر تباہی کی طرف لے جاتی ہے ۔مگرقوم نے انکارکیا کہ اپنے جیسے آدمی کی اطاعت کیوں کریں۔آخر وہ پکڑے گئے ۔(آیت ۱۴۲ تا ۱۶۰)
اِسی طرح لوطؑ آئے اوران کی قوم کی ساتھ بھی اِسی طرح کامعاملہ گذرا۔وہ اخلاقی بدیوں کاشکار تھے۔(آیت ۱۶۱تا ۱۷۶)
پھر اصحاب الایکہ کا زمانہ آیا ۔ا ن کی نبی شعیبؑ کے ساتھ بھی ایساہی معاملہ ہوا۔اوران کے مخالف پکڑے گئے وہ تجارتی بددیانتی کا شکا ر تھے ۔(آیت ۱۷۷تا۱۹۲)
یہ قرآن بھی خدائی کلام ہے اوراپنی دلیلیں خود دیتاہے۔پہلے نبیوں نے اس کی پیشگوئیاں کی ہیں اوربنی اسرائیل کے علما ء بھی اپنی کتب کے ذریعہ سے اس کی صداقت جانتے ہیں ۔پھر وہ اپنی پہلی مخاطب قوم کی زبان میں آیا ہے ۔اگر غیر زبا ن ہوتی تووہ اُسے سمجھ نہ سکتے مگر اب غور نہ کرنے کی کیا وجہ ہے ۔وجہ وہی ہے جو پہلے نبیوں کے نہ ماننے کی تھی ۔یہ عذا ب کے منتظر ہیں مگر جب وہ آیا تواُنہیں کیا فائدہ ہوگا ؟ اگر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم واقعہ میں سچے ہیں توان کو سمجھ لینا چاہیئے کہ ان کا آنا اصلاح نہ کرنے والوں کے لئے عذا ب کااعلان ہے ۔(آیت ۱۹۳تا ۲۱۰)
لو گ ا س کی تعلیم کو دیکھیں کہ کیا اس میں شیطا ن کی تائید ہے ؟ اگر نہیں توشیطان نے خداکی تائید کیوں کرنی تھی اوروہ اعلیٰ پُرمعارف کلام کس طرح کرسکتا تھا اِس میں تونبیوں والی باتیں ہیں اورنبیوں والی باتوں کو شیطان سن ہی نہیں سکتا ۔پس اے ہمارے رسولؐ! خدائے واحد کی تبلیغ کرتاچلا جا۔اورسب سے پہلے اپنی قوم کو تبلیغ کر۔اورجو ایمان لائیں ان کی تربیت کر اورجونافرمانی کریں اُن سے برأت ظاہر کراورعزیز و رحیم خداپر توکل کر ۔وہ تجھے دیکھتا ہے اورتجھ کو طاقتور بنانے والا ہے ۔عنقریب مسلمانوں کا بکھرے ہوئے ہونا دورہوجائے گا ۔اوروہ ایسی جگہ پر جائیں گے جہاں اُنہیں اکٹھارہنے کاموقعہ ملے گا ۔اوروہ خدائے واحد کی عبادت آزادی سے کریں گے ۔کیونکہ وہ فریادیں سننے والا ہے ۔
شیطان توان لوگوںپر اُترتے ہیں جوجھوٹے اورگنہگار ہو ں۔وہ آسمانی باتیں سننے کے لئے کان رکھتے ہیں اوران میں سے اکثر جھوٹے ہیں ۔اورشعراء کی پیروی آوار ہ گرد لوگ کرتے ہیں ۔جنہیں صرف زبان کا چسکہ ہوتا ہے ۔عمل نہ اُستاد کریں نہ شاگرد۔ لیکن مومن توعبادت گذار اورسچ کے مبلّغ ہوتے ہیں ۔وہ اسچ کی وجہ سے تکلیفیں بھگتتے ہیں اورمجبورہوکر جواباً ہاتھ اُٹھاتے ہیں۔لیکن ان ں کے سچاہونے کی دلیل یہ ہوتی ہے کہ کمزور ہوتے ہوئے وہ اپنے دشمنوں پر غالب آجاتے ہیں ۔(آیت ۲۱۱تا۲۲۸)
بسم اللہ الرحمن الرحیم
(میں)اللہ (تعالیٰ) کانام لے کر جو بے حدکرم کرنے والا (اور)بار بار رحم کر نے والا ہے (پڑھتا ہو ں)
طٰسٓمٓ٭ تلک آیات الکتٰب المبین ٭
طاہرؔ(اور)سمیعؔ (اور)مجید (خدا اِس سورۃ کا نازل کرنے والا ہے) یہ آیتیں اس کتا ب کی ہیں جو (اپنے مضامین کو )کھول کر بیان
لعلک باخع نفسک الا یکونوامومنین ٭
کرتی ہے۔ شاید تُو اپنی جان کو ہلاکت میں ڈالے گا کہ وہ کیوں نہیں مومن ہوتے ۲؎
۲؎ حل لغات ۔مُبِیْنٌ اَبَانَ سے اسم فاعل کاصیغہ ہے اوراَبَانَ لازم اورمتعدی دونوں طرح استعمال ہوتا ہے ۔یعنی کبھی اِس کے معنے ظاہر ہونے کے ہوتے ہیں ۔چنانچہ اقرب الموارد میں لکھا ہے ۔اَبَانَ الشَّیْئُ اِتَّضَحَ یعنی اَبَانَ الشَّیْئُ کے معنے ہوتے ہیں فلاں چیز ظاہر ہوگئی اوراَبَانَ فُلانٌ الشَّیْئَ کے معنے ہوتے ہیں اَوْضَحَہٗ کسی بات کو خوب واضح اورنمایاں کیا
بَاخِعٌ:بَخَعَ سے اسم فاعل کاصیغہ ہے ۔اوربَخَعَ الشَّاۃَ کے معنے ہیں بَلَغَ بِذَبْحِھَا الْقَضَا۔بکری کی گردن پر چھری چلاتے اوراُسے ذبح کرتے ہوئے کوئی شخص اس کی گردن کے آخری حصہ تک اپنی چُھری لے گیا (اقرب) نیز اَلْبَخَعُ بَخَعَ کامصد رہے ۔اوراس کے معنے ہیں قَتْلُ النَّفْسِ غَمًّا اپنے نفس کو غم کی وجہ سے ہلاک کردینا ۔
تفسیر ۔طٰسٓمٓ جو حروف مقطعات میں سے ہیں اِن میں سے ط لطیف کا سؔسمیع کا اورمؔ مجید کاقائم مقام ہے ۔گویا اس سورۃ اوراس کی تابع سورتوں میں اللہ تعالیٰ نے محسنِ عظیم ہونے اُس کے مخفی سے مخفی رازوں سے واقف ہونے۔اپنے بندوں کی دعائیں سننے اوراس کے مجید ہونے پر یعنی ان قوانین پر جن سے اُس کی اعلیٰ اوربلند شان ظاہر ہوتی ہے ظلم اورجبر ثابت نہیں ہوتا روشنی ڈالی گئی ہے۔اوراس کے دلائل دیئے گئے ہیں ۔ ۱؎
اسلام کو دوسرے مذاہب پر جو امتیاز ی خصوصیات حاصل ہیں ان میں سے ایک بڑی خصوصیت یہ ہے کہ اسلام نے صفات الٰہیہ کا ایک ایسامکمل نقشہ پیش کیا ہے جوپہلی الہامی کتب میں سے کسی کتا ب میں بھی نہیں پایاجاتا ۔اس میں کوئی شبہ نہیں کہ جہاں تک
۱؎ ۔مقطّعات کی تفصیلی بحث کے لئے دیکھیں تفسیر کبیر جلد ۳صفحہ ۷تا ۱۲۔
خداتعالیٰ کی ہستی کو پیش کرنے کاسوال ہے دنیا کی ہرالہامی کتا ب نے اُس کے وجود کو پیش کیا ہے اوراس پر ایمان لانے کی اہمیت کو ظاہر کیا ہے ۔کیونکہ مذہب کانقطئہ مرکزی اللہ تعالیٰ کی ذات ہے اوراگر کوئی مذہب اللہ تعالیٰ کو ہی پیش نہ کرے تو اُس کاوجود اورعدم برابر ہوجاتاہے۔مگریہ کہ خداتعالیٰ اپنی ذات میں کیا صفات رکھتا ہے یااپنے بندوں سے وہ کس رنگ میں تعلقات رکھتا اوران سے سلوک کرتاہے۔اِن امور پران کتب میں کوئی تفصیلی روشنی نہیں ڈالی گئی ۔صرف یہ کہہ دینا کہ ہماراخدامحبت ہے یاہماراخدابڑادیالو اورکرپالو ہے اُس کی صفاتِ حسنہ کا کوئی حقیقی اورصحیح نقشہ نہیں کہلاسکتا ۔بلکہ اس قسم کی صفات کو خداتعالیٰ کی طرف منسوب کرنا دنیوی خیالات اوررجحانات کابھی نتیجہ کہلاسکتاہے۔مثلاً جب دیکھا کہ لو گ رحم کرنا پسند کرتے ہیں توکہدیا کہ خداتعالیٰ بھی بڑارحم کرنے والا ہے یاجب دیکھا کہ لوگ حسنِ سلوک کو بڑااچھا وصف سمجھتے ہیں توخداتعالیٰ کے متعلق بھی کہدیا کہ وہ بڑاکرپالو ہے ۔پس محض چند صفات کے ذکر سے یہ ثابت نہیں ہوسکتا کہ پہلے مذاہب نے اس مسئلہ پر کوئی تفصیلی روشنی ڈالی ہے ۔پھر اگر بعض صفات کا ان کتب میں ذکر موجو د بھی ہے تو ان صفات کی تشریح ان میں موجود نہیں اور نہ ہی صفات الٰہیہ کا باہمی تعلق واضح کیا گیا ہے ۔
مجھے یاد ہے کہ ایک دفعہ میں نے رئویا میں دیکھا کہ ایک جرمن نو مسلم نے مجھ سے کوئی سوال کیا ہے جس کے جوا ب میں نے اللہ تعالیٰ کی بعض صفات پیش کی ہیں جن میں سے ایک ربّ بھی ہے ۔اس پر اُس جرمن نو مسلم نے کہا کہ ان صفات کا ذکر تو بائیبل میں بھی آتا ہے ۔اس فقرہ کے دونوں معنے ہوسکتے ہیں ۔یہ بھی کہ چونکہ بائیبل میں بھی بعض صفات کا ذکر ہے اس لئے یہ دلائل عیسائیوں پر بھی اثر کرسکتے ہیں اور یہ معنے بھی ہوسکتے تھے کہ گویا قرآن کریم بائیبل کی نقل کرتا ہے ۔میں نے ان دونوں معنوں کا خیال کر کے دل میں سوچا کہ یہ نو مسلم ہیں ایسا نہ ہو کہ ان کے دل میں یہ خیال آیا ہو کہ قرآن کریم کی بہت سی تعلیم با ئیبل سے ملتی جلتی ہے پھر اس کی فضیلت کیا ہوئی ؟اس خیال کے پیدا ہونے پر میںنے بڑے جوش سے ان کے سامنے تقریر شروع کی کہ بائیبل میں جو یہ صفات آئی ہیں ان سے قرآنی صفات کو امتیا ز حاصل ہے ۔بائیبل میں محض رسمی ناموں کے طور پر وہ صفات بیان کی گئی ہیں اور قرآن کریم نے ان صفات کی باریکیوں کو بیان کیا ہے اور ان مضامین میں وسعت پید اکی ہے اور ان کے راز بیان کئے ہیں ۔چنانچہ میں نے کہا ۔دیکھو ربّ کا لفظ ہے بائیبل نے بھی خدا تعالیٰ کو پیدا کرنے والا یا پالنے والا کہا ہے یا زمین و آسمان کا خالق کہا ہے ۔لیکن قرآن کریم یہ نہیں کہتا بلکہ قرآن کریم سورئہ فاتحہ میں خداتعالیٰ کو ربُّ الْعَالَمِیْنَ کے طور پر پیش کرتاہے اور لفظ ربّ او لفظ عالمین دونوں اپنے اندر امتیازی شان رکھتے ہیں ۔ربّ صرف اسی مضمون پر دلالت نہیں کرتا کہ وہ پیدا کرنے والا ہے اور پالنے والا ہے بلکہ اس امر پر بھی دلالت کرتا ہے کہ وہ نہایت ہی مناسب طور پر انسان کی باریک اور باریک قوتوں اور طاقتوںکو درجہ بدرجہ اور مناسبِ حال ترقی دیتا چلا جاتا ہے ۔اور عالمین کا لفظ محض زمین اور آسمان پر دلالت نہیں کرتا بلکہ زمین و آسمان کے علاوہ مختلف اصناف کی مختلف کیفیتوں پر بھی دلالت کرتا ہے اور یہ مضمون پہلی کتب میں بالکل بیان نہیں ہوا ۔مثلاً عالمین میں جہاں یہ مراد ہے کہ اس جہان کا بھی ربّ اگلے جہان کا بھی ربّ ہے ۔آسمانو ں کا بھی ربّ ہے اور زمینوں کا بھی ربّ ہے ۔وہاں اس طرف بھی اشارہ ہے کہ عالمِ اجساؔم اور عالمِ ارواح ؔاور عالمِ نساؔء اور عالمِ رجاؔل اور پھر عالمِ ؔفکر اور عالمِ شعورؔ اور عالمِ تصور ؔاور عالمِ تقدیر ؔاور عالمِ عقل ان سب کا بھی وہ ربّ ہے یعنی وہ صرف روٹی ہی نہیں مہیا کرتا ۔وہ صرف انہی چیزوں کو مہیا نہیں کرتا جو جسموں کو پالنے والی ہیں بلکہ وہ ارواح کے بھی پالنے کا سامان کرتاہے اورپھر مختلف تقاضے جو انسان کی فطرت میں پائے جاتے ہیں ان میں سے ہرا یک کی نشوونما کے لئے اس نے قرآن کریم میں تعلیم دی ہے ۔چنانچہ اس قسم کے مضمون پر میں تفصیلی لیکچر ان کے سامنے دے رہا ہوں اور خود مجھے بھی نہایت لذت اور سرور حاصل ہورہا ہے اور میں محسو س کرتا ہوں کہ ایک نیا مضمون اور ایک نئی کیفیت میرے اندر پید اہو رہی ہے ۔یہی لیکچر دیتے دیتے میری آنکھ کھل گئی ۔
غرض اول تو ان کتب میں صفات الٰہیہ پر نہایت اجمالی رنگ میں روشنی ڈالی گئی ہے جس سے اللہ تعالیٰ کی حقیقی شان جلوہ گر نہیں ہوتی ۔ اور پھر جن صفات کا ذکر کیاگیا ہے ان کی بھی تشریح نہیں کی گئی اور نہ ہی صفات الٰہیہ کے باہمی ربط اور تعلق کو واضح کیا گیا ہے لیکن اسلام نے اس بارہ میں ایک جامع تعلیم بنی نوع انسان کے سامنے پیش کی ہے اوربتایا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی صفات اپنے اندر دو قسم کی جلوہ گری رکھتی ہیں ۔اس کا ایک جلوہ تو صفات ؔتنزیہی کے رنگ میں ظاہر ہوتا ہے جو اس کو ان تمام قسم کی کثافتوں سے جو مادیّات میں پائی جاتی اور مخلوقات میں دکھائی دیتی ہیں منزّہ اور پا ک ٹھہراتا ہے ۔اور ایک جلوہ صفاتِ تشبیہی کے رنگ میں ظاہر ہوتا ہے یعنی ایسی صفات کی شکل میں جو مخلوق کی صفات کے مشابہ نظر آتی ہیں چنانچہ وہ بتاتا ہے کہ اللہ تعالیٰ جو تمام کائنات کا نقطئہ مرکزی ہے وہ اَحَدٌ یعنی اپنی ذات میںاکیلا اور منفرد ہے ۔وہ الصَّمَدُ یعنی ایسی ہستی ہے جس کے سب محتاج ہیں مگر وہ کسی کا محتاج نہیں۔وہ لَمْ یَلِدْ وَلَمْ یُوْلَدْ ہے ۔یعنی نہ تو اس سے آگے پیداہوتی ہے اورنہ وہ خود کسی کااولاد میں سے ہے ۔و ہ لم یکن لہ کفواً احد ہے ۔ یعنی نہ توکوئی متوازی طاقت ا سکے ساتھ موجود ہے اورنہ اس کے بالمقابل کوئی اورطاقت موجود ہے ۔اول و آخر ہے ۔یعنی تمام اشیاء کی علّت العلل ہے ۔اورسب کی سب مخلوق اسی کی طرف لوٹتی ہے ۔وہ قدیر ہے یعنی ہراس بات پر قادر ہے جس کاوہ ارادہ کرتا ہے۔وہ اَلْحَیُّ ہے یعنی ہمیشہ زندہ رہنے والااوعردوسروں کوزندہ رکھنے والا ہے۔وہ اَلْقَیُّوْمُ ہے یعنی اپنی ذا ت میں قائم اورسب کوقائم رکھنے والا ہے ۔و ہ رَبُّ الْعَالَمِیْن ہے یعنی سب جہانوںکوپیداکرنے والا اوران کو پالنے والاہے۔وہ اَلرَّحْمٰنُ ہے یعنی بنی نوع انسان کو جس قدر ضروریات پیش آنے والی تھیں ان تمام ضرورتوںکو اس نے انسان کی پیدائش سے پہلے ہی محض اپنے فضل سے اورانعام کے طور پرمہیاکردیاہے ۔وہ اَلرَّحِیْمُ ہے یعنی تمام محنتوں اورکوششوں کے اعلیٰ نتائج پیداکرنے والا ہے ۔ وہ مَالِکِ یَوْمِ الدِّیْنِ ہے ۔یعنی ان نتائج کے علاوہ جو اس کی طرف سے طبعی قانون کے ماتحت نکلتے رہتے ہیں اُس نے ہر کام کی ایک انتہامقرر کی ہے ۔جہاں پہنچ کر اس کاآخری فیصلہ صادر ہوجاتاہے اورنیک انسان اپنے کاموںکا اچھا بدلہ اوربُراانسان اپنی برائیو ں کی سزاپالیتاہے ۔مگر یہ بدلے اورجزائیں اللہ تعالیٰ کی مالکیّت کے ماتحت ہوتی ہیں ۔یعنی وہ صرف سزا ہی نہیں دیتا بلکہ اگر چاہتا ہے تواپنے بندوں کو معاف بھی کردیتا ہے ۔وہ عَلِیْمٌ ہے۔یعنی ایک ایک ذرّہ کا اس کو علم ہے ۔بلکہ انسانی فطرت کے مخفی اسرار تک سے آگاہ ہے۔وہ سَمِیْعٌ ہے ۔یعنی لوگوں کی دعائوں اوران کی التجائوں کو سننے والا ہے ۔وہ قھّار ہے یعنی ہرایک چیز اس کے قبضئہ قدرت میں ہے ۔وہ جبّار ہے یعنی ہرفساد کی اصلاح کرتا ہے ۔وہ وھاب ہے یعنی ابندوں کو اپنے انعامات سے وافرحصہ دیتا ہے ۔وہ غَفُوْر ہے یعنی لوگوں کی خطائوں سے چشم پوشی کرتاہے ۔وہ مُھَیْمِن ہے یعنی ہرایک چیز کامحافظ اورنگران ہے ۔ وہ اَلسَّلام ہے یعنی لوگوںو کوسلامتی دینے والا ہے۔وہ اَلقَابِض ہے یعنی ہرایک چیز کو حد کے اندر رکھنے والا ہے۔وہ اَلبَاسِط ہے یعنی کشائش اورفراخی پیداکرنے والاہے ۔و ہ اَلرَّافِع ہے یعنی پستی سے بلندی تک پہنچانے والا ہے ۔ وہ اَلْحَفِیْظ ہے یعنی مخلوق کی حفاظت کرنے والاہے ۔وہ اَلمُتَکَلِّم ہے یعنی لوگوں سے کلام کرنے والا اوران پر اپنے الہامات نازل کرنے والاہے ۔
غرض اسلام ایک کامل الصفات خدادنیا کے سامنے پیش کرتاہے۔وہ عیسائیت کی طرح صرف یہ کہہ کر خاموش نہیں ہوجاتا کہ خدامحبت ہے ۔نہ تورات کی طرح صرف چندصفات بیان کرنے پر اکتفاکرتا ہے بلکہ اس نے ان تما م صفات کا تفصیلاً ذکر کیاہے جن کاانسانی پیدائش کے ساتھ تعلق ہے ۔گویاسب آسمانی ڈیپارٹمنٹس کو اس نے ننگا کرکے دکھادیاہے جو اُس کے مِنَ السَّمَاء ہونے کاثبوت ہے ۔
پھر اسلام نے صرف صفات الٰہیہ کا ایک جامع نقشہ پیش کرنے پر ہی اکتفا نہیں کیا بلکہ ا س نے بنی نوع انسان کو یہ بھی بتایا ہے کہ اگر تم اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرناچاہتے ہو تواس کا طریق یہ ہے کہ تم اللہ تعالیٰ کے رنگ میں رنگین ہونے یعنی اس کی صفات کی نقل کرنے کی کوشش کرو ۔وہ فرماتا ہے ۔ولقد خلقنٰکم ثم صَوَّرنٰکم ثم قلنا للملٰٓئِکۃِ اسجد والِاٰدم فسجدوااِلَّآ اِبلیس(اعراف ع ۲)یعنی ہم نے تمہیں پیداکیا پھر تمہیں صورت بخشی اورپھر ہم نے ملائکہ سے کہا کہ آدم کی اطاعت کرو۔اِ س پر فرشتوں نے تو آدم کی اطاعت کی مگر ابلیس نے نہ کی ۔اس آیت سے معلوم ہوتاہے کہ انسان کی دوپیدائشیں ہیں۔ایک بشری اورایک روحانی ۔بشری پیدائش کے متعلق تو اللہ تعالیٰ فرماتا ہے ۔ولقد خلقنٰکم ہم نے تم کو پیداکیا۔یعنی تمہیں ایک ذی حیات وجود بنایا ۔ثُمَّ صَوَّرنٰکم پھر ہم نے تمہاری ایک روحانی شکل بنائی جس کے ذریعہ سے تم دوسری مخلوق سے ممتاز طور پر پہچانے جاتے ہو ۔اسی کی طرف بائیبل میں بھی ان الفاظ میں اشارہ کیاگیاہے کہ
’’ خدانے انسان کو اپنی صورت پر پیداکیا ۔‘‘(پیداائش باب ۱آیت ۲۷)
لیکن بائیبل نے جوالفاظ استعمال کیئے ہیں ان سے خداتعالیٰ کے جسمانی ہونے کادھوکا لگتاہے ۔لیکن قرآن کریم نے جوالفاظ استعمال کئے ہیں ان سے صاف پتہ لگتا ہے کہ یہاں صورت سے روحانی شکل مراد ہے جسمانی نہیں ۔کیونکہ جسمانی پیدائش کا اس سے پہلے ذکر کیاجاچکا ہے ۔پس صَوَّرنٰکم کے معنے یہ ہیں کہ ہم نے تمہارے اندر صفات الٰہیہ کاحامل بننے کی قابلیت پیداکی یعنی پہلے توہم نے انسان کی جسمانی خلق کی ۔اس کے ناک ،کان ،ہاتھ اورپائوں وغیرہ بنائے اورپھر ہم نے اس کے دماغ کی ایسی تربیت کی کہ وہ صفات الٰہیہ کو اپنے اندر جذب کرنے کے قابل ہوگیا اوراس کے اندر ان کے اظہار کی اہلیّت پیداہوگئی ۔اس کے ابعد ہم نے ملائکہ سے کہا کہ اب تم اس انسان کو سجدہ کرو۔چونکہ قرآن کریم میں اس بات پر بڑازور دیاگیا ہے کہ سجدہ خداتعالیٰ کے سواکسی اَورکے لئے جائز نہیں اس لئے اس سجدہ سے مجازی سجدہ ہی مراد ہے ۔اوراس کے معنی اطاعت اورفرمانبردار ی کے ہیں۔مگر مجازی سجدہ بھی تو مجازی خداکے سامنے ہی ہوسکتا ہے۔اسی لئے فرمایاکہ ثم صوَّرنٰکم ثم قلنا للملئِکۃِ اسجدوالِاٰدم کہ پہلے توہم نے تمہار ے اندر خدائی صفات پیداکیں اورجب تم خدائی صفات کو جذب کرنے اوران کا اظہا کرنے کے قابل ہوگئے توپھر ہم نے ملائکہ سے کہا کہ سجدئہ حقیقی توبہرحال میرے سواکسی اَورکے سامنے ناجائز ہے لیکن ہم تم کو ایک مجازی سجدہ کاحکم دینے لگے ہیںاوراس مجازی سجدہ کے لئے ایک مجازی خداکی ضرورت تھی ۔سووہ مجازی خدا وہ انسان ہے جس کے اند رالٰہی صفات پائی جائیں ۔
لیکن اگر اُسْجُدُوْا سے ہرانسان کے آگے سجدہ کرنا مراد لیاجائے تواس کے معنے یہ بنیں گے کہ وہ چوری کرے توتم بھی چوری میں اس کی مدد کرو۔و ہ ڈاکہ مارے توتم بھی ڈاکہ مارو۔وہ قتل کرے توتم بھی قتل کرو ۔حالانکہ یہ بالکل غلط ہے۔سجدہ بہرحال اسی آد م کے سامنے ہوسکتاہے جوکبھی چوری نہیں کرسکتا ۔کبھی جھوٹ نہیں بول سکتا ۔کبھی فریب نہیں کرسکتا ۔کبھی شرک نہیں کرسکتا ۔کبھی بددیانتی نہیں کرسکتا ۔کبھی ظلم نہیں کرسکتا ۔اورکبھی کسی خرابی میں مبتلانہیں ہوسکتا اورچونکہ وہ خود ان صفات کاحامل ہوگا جوملائکہ کی صفات سے بڑی ہیں اس لئے اگر ایسے آدم کی اطاعت کی جائے تویہ بالکل درست ہوگا ۔جوشخص خدائی صفات کامظہر ہوگا ملائکہ کی کیاطاقت ہے کہ وہ اس کے خلاف چلیں ۔اس کے متعلق تو ان کا فرض ہوگا کہ وہ اس کے ساتھ چلیں۔پس ہرشخص کے اند ر خداتعالیٰ نے کہ طاقت پیداکی ہے کہ وہ صفاتِ الٰہیہ کا مظہر بن سکے ۔اوراگر وہ اپنے اندر صفات ِ الٰہیہ پیداکرلے توپھر ملائکہ کو حکم دیاجاتاہے کہ وہ اس کی مدد کریں ۔اسی کی طرف رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس حدیث میں اشارہ فرمایاہے کہ جب خداتعالیٰ چاہتاہے کہ اس کے کسی بندے کی مقبولیت دنیا میں پھیلے تووہ ملائکہ کو حکم دیتا ہے اوروہ اس کی مقبولیت دنیا میں پھیلانا شروع کردیتے ہیں ۔(کنز العمال جلد ۶صفحہ ۲۴) پس ہرانسان کے اندر یہ قابلیت ہے کہ وہ صفات الٰہیہ کو اپنے اندر پیداکرلے۔اورجب وہ صفات الٰہیہ اپنے اند ر پیداکرلیتاہے توفرشتوںکو خداتعالیٰ کی طرف سے یہ حکم دیاجاتاہے کہ وہ اس کے پیچھے پیچھے چلیں کیونکہ وہ ایک خدانما وجود بن جاتا ہے اوراس کاخداتعالیٰ کے ساتھ اتصال ہوجاتا ہے ۔دنیامیں بھی ہم دیکھتے ہیں کہ ہرچیز دوسری چیز کے مشابہ بن کر ہی اُس سے پیوست ہوسکتی ہے ورنہ نہیں۔مثلاً لکڑی کے ساتھ ہم لوہے اورچمڑے کوتو پیوست کرسکتے ہیں کیونکہ ان دونوں میں ٹھو س ہونے کی مشابہت پائی جاتی ہے مگر لکڑی کے ساتھ ہم ہوایا پانی کو پیوست نہیں کرسکتے کیونکہ ان میں مشابہت نہیں پائی جاتی ۔اسی طرح جوچیزیں روحانی ہوتی ہیں ان میں بھی مشارکت کاپایاجاناضروری ہوتاہے ۔پس خداسے ملنے کیح لئے ضروری ہے کہ بندے اورخدامیں روحانی مشارکت ہو اوروہ مشارکت یہی ہے کہ انسان اپنے اندر الٰہی صفات پیداکرے۔جب کوئی شخص اپنے اندر الٰہی صفات پیداکرلیتاہے تو و ہ اپنے اند رالوہیت کارنگ پیداکرلیتاہے اورجب اس کے اندر الوہیت کارنگ آجائے تواس کاخداتعالیٰ سے اتصال اسی طرح ممکن ہوجاتاہے جیسے لکڑی کالوہے سے ۔اورگووہ خدانہیں بن جاتامگرخدانماضرور ہوجاتاہے۔جیسے لکڑی لوہانہیں بن سکتی یالوہالکڑی نہیں بن سکتامگر وہ آپس میں جڑنے کے قابل ہوجاتے ہیں ۔پس خداتعالیٰ سے اتصال اوراس کے قرب کے لئے ضروری ہوتاہے کہ انسان اپنے اندر صفات الٰہیہ پیداکر ے اوراس کی محبت کو اپنے اندر جذب کرے۔پھر جس طرح مقناطیس لوہے کو کھینچتا ہے اسی طرح محبت الٰہی اسے خداتعالیٰ کی طرف کھینچنے لگ جاتی ہے ۔
یہ تعلیم جو اسلام نے دنیاک ے سامنے پیش کی ہے اتنی اہم ہے کہ اگر اس کے مطابق ہرانسان اپنے آپ کو خداتعالیٰ کی صفات کا مظہر بنانے کی کوشش کرے تویقیناً اس دنیا کانقشہ پلٹ جائے اورہرانسان نیکی کے ایسے بلند مقام پر کھڑاہوجائے کہ جس سے اسکاقد م کبھی منحرف نہ کیاجاسکے ۔یہی حقیقت ایک دفعہ مجھے رؤیا میں بھی بتائی گئی تھی۔مَیں نے ایک دفعہ دیکھا کہ مَیں تقریر کررہاہوں اورمیرے ہاتھ میں ایک آئینہ ہے ۔میں تقریر کرتے ہوئے لوگوں سے کہتاہوں کہ دیکھو انسان کادل خداتعالیٰ نے ایک آئینہ کی مانند بنایاہے ۔جس طرح انسان آئینہ میں اپنا حسن دیکھتا ہے اسی طرح خداتعالیٰ بھی اپنا حسن انسان کے آئینہء قلب میں دیکھناچاہتاہے ۔ پس اگر انسان کا دل خداتعالیٰ کی صفات کو اعلیٰ طور پر ظاہر کرنے والاہو توخداتعالیٰ بھی اس د ل کی قدر کرتا اور اُسے ایک قیمتی متاع قرار دیتاہے ۔لیکن اگر انسان کا دل میلا اورداغدار ہو ۔اوراس میں سے خداتعالیٰ کا چہر ہ نظر نہ آئے یانظرتو آتا ہو لیکن غلط طور پر آتا ہو توخداتعالیٰ بھی ایسے دل کو پرے پھینک دیتا ہے ۔اورجب مَیں نے یہ الفاظ کہے تووہ آئینہ جو میرے ہاتھ میں تھا اُسے مَیں نے زورسے زمین پر دے مارااورکہا کہ ایسے دل کو خداتعالیٰ بھی اُٹھا کر اسی طرح دے مارتاہے اوروہ چُور چُور ہوجاتاہے۔
اِس رؤیا میںیہی نکتہ بتایاگیاہے کہ انسان کو خداتعالیٰ نے اس لئے پیداکیا ہے کہ وہ خداتعالیٰ کانور ظاہر کرے ۔اور اس کے ذریعہ خداتعالیٰ کی صفات کاظہور ہو۔پس ضروری ہے کہ ہر انسان اپنے دائرہ میں ربّ بھی ہو رحمن بھی ہو رحیم بھی ہو ۔مالک یوم الدین بھی ہو ۔جبار بھی ہو ۔ستّار بھی ہو ۔غفّار بھی ہو ۔علیم ھبی ہو ۔شکور بھی ہو ۔حمید بھی ہو۔مجید بھی ہو ۔ودودبھی ہو۔غرض خداتعالیٰ کی ساری صفات کو وہ ظارہ کرنے والاہو جن کے متعلق مشہوترتویہ ہے کہ وہ ننانوے ہیں مگر ہیں وہ اِس سے بھی زیادہ ۔اگر وہ ایساکرتا ہے تووہ اپنے مقصد حیات کو پوراکرلیتاہے اوراگر اس کے آئینہء قلب میں خدائی صفات کا انعکاس نہیں ہوتا تووہ ایک ٹوٹاہوابرتن ہے جوکسی کام نہیں آتا یاایک میلا اورداغدار شیشہ ہے جس سے خداتعالیٰ کا چہر ہ نظر نہیں آسکتا۔اورجس طرح کو ئی انسان میلا اورداغدار شیشہ اپنے پاس نہیں رکھتا اسی طرح خداتعالیٰ بھی ایساآئینہ اپنے ہاتھ میں نہیں رکھتا جس کی غرض تویہ تھی کہ وہ خدانمائی کاآلہ بنے مگر میلاہونے کی وجہ سے وہ خدائی حسن کو ظاہر نہیں کرسکتا ۔
غرض اسلام صفات الٰہیہ پر خصوصیت سے زوردیتااوربنی نوع اسنان کو اس امر کی طرف توجہ دلاتا ہے کہ تمہار اتمام حسن اس امر پر منحصر ہے کہ تم صفات الٰہیہ کے رنگ میں اپنے آپ کو رنگین کرنے کی کوشش کرو۔اوراس امر کو اچھی طرح یاد رکھو کہ جتنا جتنا کوئی شخص خداتعالیٰ کی صفات کو اپنے اندر پیداکرتاچلاجائے گا اُتنا ہی وہ اعلیٰ اخلاق کاحامل ہوگا اوراُسی نسبت سے اُسے اللہ تعالیٰ کا قرب بھی حاصل ہوگا ۔گویااسلام نیکی اوربدی کی تعریف ایک جدید زاویہء نگاہ سے پیش کرتا ہے اوراعلیٰ اخلاق کی بنیاد صفات الٰہیہ کے انعکاس پر رکھتا ہے ۔یہ نظریہ جو اسلام نے پیش کیاہے اتنا اہم ہے کہ اگرغور سے کام لیاجائے تواس نے مذہبی دنیا میں ایک انقلاب پیداکردیاہے اوراس نے نیکی اوربدی کی تعریف ہی بدل دی ہے ۔ہم دیکھتے ہیں کہ وہ لوگ جو گہرے غور و فکر کے عاد ی نہیں صرف اتنا ہی دیکھا کرتے ہیں کہ چونکہ فلاں کام کرنے کوہماراجی چاہتا ہے اس لئے ہم وہ کام کریں گے یافلاں کام کرنے کو چونکہ ہما راجی نہیں چاہتا اس لئے ہم و ہ کام نہیں کریں گے ۔ایسے لوگوںکے نزدیک اچھے کام کی تعریف صرف یہی ہوتی ہے کہ جس کے کرنے پر ان کا جی چاہے اوربُرے کام کی تعریف یہ ہوتی ہے کہ جس کے کرنے کو ان کاجی نہ چاہے ۔مگر ہم دیکھتے ہیں کہ یہ تعریف بالکل غلط ہے کیونکہ ہزاروں انسان ایسے ہوتے ہیں جن کا جی کسی کام کے کرنے کو آج توچاہتا ہے مگر کل نہیں چاہتا ۔یاآج توایک شخص چاہنے والی بات کو نہیں چاہتا مگر کل وہ اُسے چاہنے لگتاہے ۔اوراگر اس سے کو ئی شخص سوال کرے کہ تمہارااُس وقت چاہنے اوراب نہ چاہنے یااُس وقت نہ چاہنے اوراب چاہنے کی کیاوجہ ہے تو وہ کہدیتاہے کہ اُس وقت میرے حالات اَورتھے اوراب اَورہیں۔یابسااوقات و ہ کہدیتاہے کہ جب میں نہیں چاہتا تھا تواُس وقت میں غلطی کررہاتھا اوراب جبکہ چاہنے لگاہوں تودرست کررہاہوں ۔ مگر اس کی یکہ بات بھی قطعی نہیں کہلاسکتی ۔کیونکہ عین ممکن ہے کہ کل وہ پھر اپنی چاہی ہوئی چیز سے نفرت کرنے لگ جائے پھر اگر کسی شخص کاکسی کام کو چاہنا ہی نیکی ہوسکتی ہے توفرض کرو زید چاہتا ہے کہ بکر کے باپ کو قتل کردے اوروہ اُسے قتل کردیتاہے توکیابکر اس لئے خاموش رہے گا کہ وہ اِس کام کو چاہتا تھا ؟ یاکسی شخص کاملازم کام میں سستی کرتاہے توکیا اس کاآقا ملاز م کے یہ کہنے پر کہ اس کام کا تعلق میری مرضی کے ساتھ ہے خاموش ہوجائے گا ؟اگر کسی شخص کاکسی کام کوچاہنا ہی نیکی ہوسکتاہے توبکر کااپنے باپ کے قاتل کے خلاف مقدمہ دائر کرنا بے انصافی ہوگا ۔اِ سیطرح آقاکااپنے ملازم کو اس کی سستی پرسزادینا ظلم ہوگا۔کیونکہ زید چاہتا تھا کہ بکر کے باپ کو قتل کردے اورملازم چاہتاتھا کہ وہ کام میں سستی کرے۔لیکن ہم دیکھتے ہیں کہ وہی شخص جوخود نیکی اوربدی کے متعلق ایک فارمولاتجویز کرتا ہے اورکہتا ہے کہ جس چیز کو انسان کا دل چاہے وہ نیکی ہے ۔اورجس کو نہ چاہے وہ بدی ۔اُسی شخص کے باپ کو جب کو ئی شخص قتل کردیتا ہے تووہ سخت غصہ میں آجاتاہے اورکہتاہے کہ میں اس سے بدلہ لے کررہوں گا ۔حالانکہ چاہیئے تھا کہ جب اس کے باپ کاقاتل اُسی کے مجوزہ فارمولاپرعمل کررہاتھا تووہ خوش ہوتا کہ اُس نے نیکی کی ہے ۔اِسی طرح ملازم کے سستی کرنے پر اوریہ کہہ دینے پر کہ میراجی چاہتا تھا کہ مَیں سستی کروں وہ خاموش ہوجاتا بلکہ خوش ہوتا کہ وہ نیکی کے راستہ پر گامز ن ہے ۔مگر ایساکبھی نہیں ہوتا۔پس نیکی اوربدی کی یہ تعریف درست نہیں ۔
پھر بعض لوگوں نے اس تعریف سے ذرااَورترقی کی ہے اورکہا ہے کہ جس کام کو سوسائٹی چاہتی ہے و ہ نیکی ہے اورجس کام کو سوسائٹی نہیں چاہتی و ہ بد ہے ۔مگر اس تعریف پر بھی یہ سوال پیداہوتا ہے کہ ہندوسوسائٹی چاہتی ہے کہ گائے نہ کھائی جائے ۔اورمسلمان سوسائٹی چاہتی ہے کہ گائے کھائی جائے ۔یاسکھ سوسائٹی چاہتی ہے کہ جھٹکاکھایاجائے اورمسلمان سوسائٹی چاہتی ہے کہ جھٹکانہ کھایاجائے ۔اِسی طرح یورپین سوسائٹی چاہتی ہے کہ شراب پی جائے ۔لیکن مسلمان سوسائٹی چاہتی ہے کہ شراب نہ پی جائے ۔ اب جبکہ ہندوسوسائٹی یہ چاہتی ہے کہ گائے نہ کھائی جائے کیونکہ ایساکرنا سخت گناہ ہے اورمسلمان سوسائٹی چاہتی ہے کہ گائے کھائی جائے کیونکہ اُس کاکھانا ہمارے مذہب میں جائز ہے ۔سِکھ سوسائٹی چاہتی ہے کہ جھٹکاکھایاجائے لیکن مسلمان سوسائٹی چاہتی ہے کہ جھٹکانہ کھایاجائے کیونکہ جھٹکاکھاناحرام ہے ۔یورپین سوسائٹی چاہتی ہے کہ شراب پی جائے ۔لیکن مسلمان سوسائٹی چاہتی ہے کہ شراب بالکل نہ پی جائے کیونکہ اس کاپینا حرام ہے ۔توہم کونسی سوسائٹی کی خواہش کے مطابق فیصلہ کریں گے آیا ہم مسلمان سوسائٹی کے چاہنے کے مطابق فیصلہ کریں گے یاسِکھ سوسائٹی کے چاہنے کے مطابق فیصلہ کریں گے یا ہندوسوسائٹی کے چاہنے کے مطابق فیصلہ کریں گے یایورپین سوسائٹی کے چاہنے کے مطابق فیصلہ کریں گے ۔اگر ہم ہندوسوسائٹی کے چاہنے کے امطابق فیصلہ کرتے ہیں کہ گائے کاکھانا سخت جرم ہے تومسلمان کہے گا گائے کھانا جائز ہے ۔اگر ہم سکھ سوسائٹی کے چاہنے کے مطابق فیصلہ کریںکہ جھٹکاکھاناچاہیئے توایک مسلمان کہے گا جھٹکا کھانا حرام ہے ۔اگر ہم یورپین سوسائیٹی کے چاہنے کے مطابق فیصلہ کریں گے کہ شراب پینی چاہیئے تومسلمان کہے گا شراب پینا حرام ہے ۔غرض ہمیں کوئی سوسائٹی بھی ایسی نظر نہیں آتی جس کے چاہنے کے مطابق فیصلہ کردیاجائے تواس پر باقی تمام سوسائٹیاں متفق ہوجائیں ۔ہزاروں ہزار نیکی اورعیب کی باتیں ایسی ہیں جن میں لوگوں کے اندر شدید اختلاف پایا جاتا ہے ۔ایک سوسائٹی ایک کام کو بہت بڑی نیکی قرار دیتی ہے تودوسری سوسائٹی اس کو بہت بڑاجرم قرار دیتی ہے یاایک سوسائٹی ایک کام کو سخت گناہ سمجھتی ہے تودوسری سوسائٹی اسی کام کو عین ثواب سمجھتی ہے ۔یورپین لوگ شراب کو بہت اچھا سمجھتے ہیں لیکن مسلمان شراب پینا سخت گناہ سمجھتے ہیں ۔آیا ہم شراب پینے کو یورپ کے معیار کے مطابق نیکی قرار دیں یااسلام کے معیار کے مطابق بدی قراردیں ۔ایک یورپین کسی مسلمان کو شراب کاگلاس پیش کرتا ہے اورمسلمان اس کے پینے سے انکار کرتا ہے توکیا ہم یورپ کے معیار کے مطابق مسلمان کے شراب پینے سے انکارکو بدتہذیبی قراردیں گے یااسلام کے معیار کے مطابق نیکی قرار دیں گے ۔آخر کیا وجہ ہے کہ ہم مسلمان سوسائٹی کی بات مانیں اورعیسائی سوسائٹی کی بات کو ردّ کردیں ۔یاعیسائی سوسائٹی کی بات مانیں اورمسلمان سوسائٹی کی بات ردّکردیں ۔
پھر بعض لوگوں نے اورایک قدم اٹھایاہے۔وہ کہتے ہیں نیکی وہ ہے جسے دنیا کے اکثر لوگ اچھا کہیں اوربدی وہ ہے جسے دنیا کے اکثر لوگ براکہیں۔مگریہ تعریف بھی کوئی معین تعریف نہیں کہلاسکتی ۔کیونکہ دنیا کی اکثریت کو اسی صورت میں نیکی اوربدی کی شناخت کاصحیح معیار قرا دیا جاسکتا ہے جب خود اکثریت ہمیشہ ایک بات پر قائم رہے ۔لیکن ہمیں توہرزمانہ اورہرملک بلکہ قوم کی اکثریت کے خیالات ایک دوسرے سے مختلف دکھائی دیتے ہیں۔ایسی صورت میں دنیا کی اکثریت کو نیکی اوربدی کی شناخت کامعیار کس طرح قرار دیاجاسکتا ہے ۔پھر اگر اس تعریف کو درست سمجھاجائے تواس کے معنے یہ ہوں گے کہ اگر اکثریت کہتی ہوکہ خداکوئی نہیں تو اُس وقت خداتعالیٰ کاانکار کرنا نیکی ہوگا ۔اوراگر اکثریت کہتی ہوکہ خداہے توخداکوماننا نیکی ہوگا ۔لیکن دوسرے وقت وہی اکثریت ہستئی باری تعالیٰ کی قائل ہوجائے وتوپھر خداتعالیٰ پر ایمان لانا نیکی قرار پائے گا اوراس کاانکار کرنا بدی قرار پائے گا ۔گویا اکثریت کے عقائد بدلنے کے ساتھ نیکی اوربدی کی تعیین بھی مختلف ہوتی چلی جائے گی پس نیکی اوربدی کی یہ تعریف بھی کو ئی معین تعریف نہیں کہلاسکتی ۔
پھر بعض لوگ کہتے ہیں کہ نیکی و ہ عمل ہے جس سے سب سے زیادہ خوشی حاصل ہو۔اوربدی وہ عمل ہے جو اُنہی حالات میں اُتنی خوشی پیدانہ کرے ۔مگریہ تعریف بھی صحیح نہیں کیونکہ اِس کے معنے یہ ہیں کہ اگرایک شخص کو ڈاکہ مارکر سب سے زیادہ خوشی حاصل ہوتی ہو۔تواس کے لئے ڈاکہ مارناہی سب سے بڑی نیکی ہوگا حالانکہ اِسے کوئی بھی درست تسلیم نہیں کرتا ۔
پھر بعض لوگ کہتے ہیں کہ نیکی وہ ہوتی ہے جس کادنیاکے سب سے زیادہ لوگوںکو فائدہ پہنچے۔لیکن اس تعریف کو صحیح سمجھاجائے توماننا پڑے گا کہ اگر فرانس بلجیم پر حملہ کرکے اُسے لوٹ لے توجائز ہوگا کیونکہ فرانس کے باشندے بلجیم کے باشندوں سے بہت زیاد ہ ہیں بیشک بلجیم کے تھوڑے سے لوگوںکو نقصان پہنچے گا لیکن چونکہ فرانس کے بہت زیادہ لوگوںو کوفائدہ پہنچتاہے اس لئے ان کا بلجیم پر حملہ کرکے وہاں کے مال و متاع کو لوٹ کر لے جانا نیکی ہو گا ۔اسی طرح جو قوم بھی اکثریت میں ہو ۔اس تعریف کے ماتحت اس کے لئے جائز ہوگا کہ و ہ اقلیت کو لوٹ لے اورکہے کہ یہ نیکی ہے ۔اورجب کوئی سوال کرے کہ یہ نیکی کس طرح ہوئی تو وہ کہدے کہ دیکھ لوکتابوں میں اسی طرح لکھا ہے کہ نیکی وہی ہے جس کادنیا کے زیادہ لوگوںکو فائدہ پہنچے ۔اس کے مقابلہ میںاگر اقلیت رکھنے والی قومیں اکثریت پر حملہ کریں اوران کے مال و اسباب لوٹناچاہیں توان کا یہ فعل بدی کہلائے گا ۔کیونکہ اس طرح تھوڑوں کو فائدہ پہنچتا ہے اوربہتوں کو نقصان پہنچتا ہے۔
پھر بعضوں نے کہا ہے کہ جس چیز کازیادہ سے زیادہ اورلمبے عرصہ تک فائد ہ پہنچے وہ نیکی ہے ۔مگراس تعریف کے ماننے سے یہ بھی لازم آتا ہے کہ اگر کوئی قوم سوسال تک لوٹ مار کرتی ہے تووہ کم نیکی کرتی ہے اوراگر وہ دوسوسال تک لوٹ مارکرتی تو یہ زیادہ نیکی ہوتی۔
پھر بعض لوگ کہتے ہیں کہ نیکی وہ ہے جس سے اپنی ذات کو زیادہ نفع پہنچے اوربدی و ہ ہے جس سے اپنی ذات کو نقصان پہنچے ۔مگر اس پر بھی ایہ اعتراض پڑتا ہے کہ اگر جھوٹ بولنے سے کسی کی ذات کو زیادہ فائدہ پہنچ سکتا ہو تواس تعریف کے ماتحت جھوٹ بولنا بھی اُس کے لئے نیکی ہوگا ۔حالانکہ اسے کوئی بھی درست نہیں سمجھتا ۔
پھر بعض لوگوں نے کہا ہے کہ نیکی اوربدی کی فطرت پر بنیاد رکھنی چاہیئے ۔یعنی جس چیز کو فطرت نیک کہے وہ نیکی ہے اورجس چیز کو فطرت بد کہے وہ بدی ہے۔یہ تعریف ایک حد تک کو درست ہے ۔مگرکلّی طور پر نہیں ۔میں نے بار ہا ایک مثال بیان کی ہے کہ حضرت خلیفہ اوّل رضی اللہ عنہ فرمایاکرتے تے کہ ایک چور کو میں نے سمجھانا شروع کیا کہ چوری بہت بُرا فعل ہے ۔تمہیں محنت کرکے حلا ل کی کمائی کھانی چاہیئے ۔اُس نے کہا ۔مولوی صاحب ہم چوری کے لئے بڑی محنت کرتے ہیں اورہمیں فلاں فلاں دشواریوں اوردِقّتوں کاسامنا ہوتا ہے ۔اس لئے یہ فعل ہمارے لئے بالکل جائز ہے ۔آخر جب چور کو کہاگیا کہ اگر تم کچھ چُرایا ہواسونا سُنار کے پاس لے جائو اوراس کے پاس رکھ کر ۔دوچار دنوں کے بعد اس سے واپس مانگو اوروہ دینے سے انکار کرے تو پھر کیا ہو ؟ اس پر وہ چو ر کہنے لگا کہ کیاایسا بھی کوئی خبیث ہوسکتا ہے جودوسرے کامال کھاجائے ۔پس بے شک انسانی فطرت بعض باتوں کے متعلق بولتی توہے مگر محدود حد تک ۔کیونکہ انسانی فطرت بسااوقات بُرے ماحول کے نتیجے میں مسخ بھی ہوجاتی ہے ۔
اب سوال یہ رہ جاتا ہے کہ پھر نیکی کس چیز کانام ہے اوربدی کس چیز کانام ہے ۔کیانیکی وہ ہوگی جس کومذہب نیکی قراردیتا ہے اوربدی وہ ہوگی جس کو مذہب بدی قرار دیتا ہے ۔لیکن اگر یہ درست ہوتوسوال پیداہوتا ہے کہ کونسے مذہب کی نیکی نیکی کہلائے گی اورکونسے مذہب کی بدی بدی کہلائے گی ۔اوریہ سوال ایساہے کہ اسکاحل کرنا بہت مشکل ہے کیونکہ دنیا میں کئی مذاہب پائے جاتے ہیں۔اوران کی تجویز کردہ نیکیوں اوربدیوں میں آپس میں بہت کچھ اختلاف پایا جاتا ہے ۔ایک مذہب ایک کام کو نیکی قرا دیتا ہے تودوسرامذہب اُسی کام کو بدی قرا ردیتا ہے ۔اسلئے اس تعریف سے بھی ہمیں نیکی اوربدی کاحقیقی علم حاصل نہیں ہوسکتا ۔پھر سوال یہ ہے کہ اگر کوئی چیز بغیر کسی حکمت کے صرف شریعت کے روکنے کی وجہ سے گناہ ہوتی ہے توشریعت کا یہ فعل لغو قرا رپاتا ہے۔اوراگر بُرائی کی وجہ سے بُری ہوتی ہے تو پھر یہ دلیل نہ ہوئی کہ جو بُری شے ہو اُس سے شریعت روکتی ہے اورپھر اس حکم یانہی کو اُس حکمت کی طرف منسوب کرنا پڑے گا۔صرف یہ کہدینا کافی نہیں ہوگا کہ جس سے شریعت روکے وہ برائی ہے ۔اورجس کاحکم دے وہ نیکی ہے ۔
اسلام ان تمام نظریات کے خلاف دنیا کو بتاتا ہے کہ خداتعالیٰ کی اصفات کی موافقت اختیار کرنانیکی ہے اوراس کی صفات کے خلاف کا م کرنا بُرائی ہے ۔چنانچہ وہ اس بارہ میں مومنوں کو ہدایت دیتے ہوئے فرماتاہے کہ صِبْغَۃَ اللہِ وَمَنْ اَحْسَنُ مِنَ اللہِ صِبْغَۃً(بقرہ ع ۱۶)یعنی اے مومنو !تم اللہ تعلایٰ کا رنگ اختیار کرو۔اوراللہ تعالیٰ سے بہتراَورکون ہے جس کارنگ اختیارکیا جاسکے یعنی طرح خداربُّ العالمین ہے ۔و ہ الرَّحمٰن اورالرَّحِیْم ہے ۔وہ مٰلِکِ یَوْمِ الدِّیْنِ ہے اسی طرح تم بھی کوشش کرو کہ تم اُس کی ربوبیتِ عالمین کے مظہر بن جائو ۔تم اس کی رحمانیت کے مظہر بن جائو ۔اُس کی رحیمیّت کے مظہر بن جائو ۔اس کی مَالِکِیَّتِ یَومِ الدِّیْن کے مظہر بن جائو ۔اسی طرح کوشش کروکہ تم بھی ایک سَتَّار بن جائو۔ایک قسم کے غَفَّار بن جائو۔ایک قسم کے قَھَّار بن جائو ۔ایک قسم کے حمید بن جائو ۔ایک قسم کے مجید بن جائو ۔ایک قسم کے شکور بن جائو۔ ایک قسم کے ودود بن جائو ۔تاکہ تمہیں اللہ تعالیٰ سے ایک قسم کی مشارکت حاصل ہوجائے اور تم صفات الٰہیہ کے مظہر بن کر اخلاق کااعلیٰ مقام حاصل کرلو ۔
پس اسلام کے نزدیک حقیقی خو بی وہ ہے جوحسنِ ازلی کے نقشہ میں ہو اورگناہ یاعیب ہر اس فعل کانام ہے جوصفات الٰہیہ کے منافی ہو ۔ اورچونکہ انسان کو خداتعالیٰ کی صفات کامظہر بننے کی طاقت دی گئی ہے ۔یادوسرے لفظوں میں یوں کہہ لو ۔کہ خداتعالی ااصل ہے اورانسان اسکی تصویر ہے ۔اس لئے تصویر کا حسن اسی میں ہے کہ وہ اصل کے مطابق ہو ۔اورا سکا عیب یہ ہے کہ وہ اصل کے خلاف ہو پس انسان جو عمل بھی ایساکرتا ہے جواسے خداتعالیٰ کی صفات کے موافق بناتا ہے وہ نیکی ہے اورجو عمل اسے خداتعالی کی صفات سے دور لے جاتا ہے وہ بدی ہے ۔گویانیکی کی حقیقی تعریف اسلام نے یہ پیش کلی ہے نیکی اس عمل یاخیال کانام ہے ۔جوخداتعالی سے جو ایک کامل اوربے عیب ذات ہے مشابہت پیداکرتا ہو ۔اوربدی اُس فعل یاخیال کا نام ہے جو اس کامل اوربے عیب ذات کی پسندیدگی یافعل کے خلاف ہو ۔
بیشک ایک شخص کہہ سکتا ہے کہ مَیں خداتعالیٰ کو ہی نہیں مانتا ۔اس صورت میں ہمارا فرض ہوگا کہ ہم اس کو خداتعالیٰ کی ہستی کے متعلق دلائل دیں ۔لیکن خداتعالیٰ کی ہستی ثابت کردینے کے بعد اخلاقِ صحیحہ کی پہچان کا صحیح معیار یہی ہوگا ۔کہ جو کام الٰہی صفات کے مطابق ہو و ہ اچھا ہے اورجو کام الٰہی صفات کے خلاف ہو و ہ بُرا ہے ۔کیونکہ وہی ایک ایسی ہستی ہے جو ہرعیب سے پاک ہے اورہرقسم کی اعلیٰ صفات رکھنے والی ہے ۔اس تعریف کی تعیین کے بعد ہمارے لئے اخلاق فاضلہ اوراخلاق سیّئہ کی پہچان کچھ بھی مشکل نہیں رہتی کیونکہ جب ایک ماڈل مل جائے تو خیالی تصویر کی ضرورت نہیں رہتی ۔ہم اس بات کو روز روشن کی طرح ثابت کرسکتے ہیں ۔کہ اپنے اندر ہرقسم کی اعلیٰ صفات رکھنے والی ایک ایسی ہستی موجود ہے جس کے نمونہ پر چل کر انسانی فعل درست ہوسکتے ہیں اوروہ ہستی اتنی حسین ہے کہ اس کی نقل کرکے انسانی افعال بھی حسین ہوسکتے ہیں ۔پس اگر خداتعالیٰ کی کو ئی ہستی ہے اورضروررہے اوروہ اپنے اندر تمام قسم کی صفات حسنہ رکھتی ہے ۔توجوبھی اس ہستی کے افعال کی نقل کرے گا اپنے اندر اخلاق فاضلہ پیداکر نے کے قابل ہوجائے گا ۔
پس اخلاق فاضلہ وہ ہیں جو خداتعالیٰ کی صفات اوراس کے افعال کی نقل کر کے حاصل کئے جائیں اوراخلاق سیّئہ وہ ہیں جو اسے خداتعالیٰ کی صفات کا مظہر بننے سے دور لے جائیں ۔کیونکہ اس اصل منبع اور مبدء خدا ہے اور انسان درحقیقت اس کی ایک تصویر ہے پس جتنا زیادہ کوئی شخص خدا تعالیٰ کی صفات کی نقل کرے گا اتنا ہی زیادہ اس کے اندر اخلاقِ فاضلہ آتے چلے جائیں گے اور جتنا زیادہ کوئی شخص خدا تعالیٰ کی صفات سے دور رہے گا اُتنا ہی زیادہ اخلاقِ فاضلہ سے دور ہوتا چلا جائے گا یہی حقیقت ہے جس کی بنا ء پر اسلامؔ نے صفات الٰہیہ پر خاص طور پر زور دیا ہے اور باربار اُن کا ذکر فرمایا ہے تاکہ اگر ایک طرف یہ صفات اُس کے وجود کا ثبوت ہوںتو دوسری طرف انسان اُن کا مظہر بن کر ایک خدانما وجودبن جائے ۔جس کے اندر حُسن ہی حُسن ہو اور کوئی عیب اور نقض اس میں دیکھائی نہ دے ۔
سورۃ الشعراء کی ابتدا ء بھی اللہ تعالیٰ کی تین صفات کے ذکر سے کی گئی ہے جن میں پہلی صفت جس کی طرف اِس سورۃ میں توجہ دلائی گئی ہے صفتِ لطیف ؔ ہے ۔
لطیفؔ کے معنوں پر بحث کرتے ہوئے لُغت میں لکھا ہے کہ اس کے معنے ہیں اَلْبَرُّ بِعِبَادِہٖ وَالْمُحْسِنُ اَلیٰ خَلْقِہٖ بِاِیْصَاَلِ الْمَنَافِعِ اِلَیْھِمْ بِرِفْقٍ وَلُطْفٍ اَوِالعَالِمُ بِخَفَایَاالْاُمُورِ ودقَائِقِھَا(اقرب الموارد)یعنی اللہ تعالیٰ کے لئے جب لطیف کالفظ استعمال ہوتواس کے دومعنے ہوتے ہیں ۔اول یہ کہ وہ لوگوں کی خبر گیری کرنے والااورمحبت اوراحسان کے ساتھ ان کا نفع پہنچانے والاہے اوردوسرے یہ کہ وہ اپنی مخلوق کی مخفی سے مخفی باتوں کو جاننے والا اوران کی تمام حاجات اورضروریات کاعلم رکھنے والا ہے ۔ان معنوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اگر نظام عالم پر نگاہ دوڑائی جائے توہمیں یہ دونوں باتیں اپنے پورے کمال کے ساتھ دنیا میںدکھائی دیتی ہیں ۔اوراس حقیقت کو تسلیم کرنا پڑتا ہے کہ اللہ تعالیٰ واقعہ میں ایک لطیف ہستی ہے جس نے اپنی مخلوق کو فائدہ پہنچانے اوراس کی زند گی برقرار رکھنے کے لئے اِ س قسم کی نعمتوں سے اسے نوازاہے ۔اوراس کی بقاء کے لئے اتنے بڑے سامان پیداکئے ہیں کہ کو ئی شخص اگر ساری عمر بھی ان نعمتوں کاشکر اداکرتارہے تب بھی وہ پور ی طرح شکر ادانہیں کرسکتا ۔چنانچہ دیکھ لو اللہ تعالیٰ کا یہ کتنا بڑا احسان ہے کہ آسمان پر لاکھو ں میل دور سور ج اورچا نداورستارے اس کے بندوں کے لئے رات دن اپنے کام میں مشغو ل ہیں ۔اورزمین الگ اپنے کام میں مصروف ہے ۔انسان تھوڑا سابیج ڈال کر اپنے گھر چلاآتاہے مگر تھوڑے ہی عر صہ میں اس چند سیر بیج کے بد لے ہزاروں من غلہ وہ اپنے گھر لے جاتا ہے ۔وہ اپنے گھر میں آرام سے سورہاہوتا ہے اورزمین اس کے کام میں مصروف ہوتی ہے اورا س کے لئے غلہ اُگارہی ہوتی ہے ۔سبزی اُگارہی ہوتی ہے اورانواع و اقسام کے پھل اورپھو ل پیداکررہی ہوتی ہے ۔یہ سویا ہوااُٹھ کر آتا ہے اوراپنی ضرورت کے مطابق اُگااُگایا اورپکا پکایا پھل لے کر چلا جاتا ہے ۔اسی طرح انسانی جسم پر نگاہ ڈالو ۔کا ن ایک چھوٹی سی چیز ہے مگر یہ بھی خداکی عطا ہے ۔ہواکی لہریں جن کے ذریعہ سے ان میں آواز پہنچتی ہے وہ بھی خداکی پیداکی ہوئی ہیں ۔گلے کے پردے جن سے آوا ز نکلتی ہے وہ بھی خداکے پیداکئے ہو ئے ہیں ۔ایک اچھا گویّا انہی پردوں کے ذریعہ سے گاتاہے جو خدانے دیئے ہیں مگر لو گ کہتے ہیں فلاں گویّا کتنا اچھا گاتا ہے ۔یہ لو گ کہتے ہیں فلاں شخص کا حافظہ کتنا تیز ہے ۔مگر اس کے حافظہ والی جگہ یعنی دماغ بھی خدانے بنایاہے ۔دماغ کے اند رجو سیلز ہوتے ہیں و ہ بھی خدا نے بنا ئے ہیں ۔اسی طرح انسان نما ز پڑھتا ہے توزبان جس سے وہ الفاظ اداکر تا ہے خداتعالیٰ کی پداکردہ ہوتی ہے۔جس مقام پر وہ ان الفاظ کو محفوظ رکھتا ہے یعنی دماغ وہ بھی خدانے بنایا ہے ۔وہ رکوع کرتاہے یا سجدہ کرتا ہے یاقیام کرتاہے توا سکے لئے وہ جتنی قوتوں سے کام لیتا ہے وہ سب کی سب خداتعالیٰ کی پیداکردہ ہوتی ہیں ۔انسان کا ان کی پیدائش میں کوئی ہاتھ نہیں ہوتا۔اسی طرح اگر وہ زکوٰۃ دیتاہے توزکوۃ کاروپیہ خداتعالیٰ کادیا ہواہوتا ہے ۔جن طاقتوں سے اس نے روپیہ کمایا تھا وہ بھی خداتعالی کی دی ہوئی تھیں۔جس ہاتھ سے ا س نے زکوۃ دی و ہ بھی خداکادیاہواتھا۔پھر انسان روزہ رکھتا ہے اس میں بھ اس کاکیا ہے اگر خدانے اس کے اند راتنی طاقت نہ رکھی ہو تی کہ وہ دس بار ہ یا پندر ہ گھنٹے بھوکا رہ سکے تووہ کس طرح روزہ رکھ سکتا تھا ۔پس اگر وہ روز ہ رکھتا ہے تووہ بھی خداتعالیٰ کی دی ہوئی قوتوں کے نتیجہ میں ہی رکھتا ہے ۔اپنے زوراور بل پر نہیں رکھتا ۔یامثلاً ایک لوہار اپنے پیشہ سے شہرت حاصل کرتا ہے تووہ اپنے پیشہ میں جس قد رچیز یں استعمال کرتا ہے سب خداتعالیٰ ہی کی عطا ہوتی ہیں ۔لوہے کو خدانے پہلے پیداکیا ہواہے ۔کوئلہ اس نے پہلے سے پیدا کررکھا ہے ۔آگ جس پر وہ لو ہے کو گر م کرتاہے خداتعالیٰ کی پیدا کردہ ہے ۔اعصاب جن سے وہ کام لیتا ہے خداتعالیٰ کے عطاکردہ ہیں ۔غرض جتنی چیز وں سے وہ کام لیتا ہے سب خداکی پیدا کی ہوئی ہوتی ہیں ۔اس کااپنا صرف اراد ہ ہی ہوتا ہے اَورکچھ نہیں ہوتا ۔ لیکن اتنے بڑے انعامات کے باوجود کبھی ایسابھی ہوتاہے کہ انسان اللہ تعالی کی نعمتوں سے اپنی آنکھیں بند کرلیتاہے ۔ اوراس وقت و ہ ایسا ناشکر ا بن جاتا ہے کہ اسے کو ئی بھی نعمت دکھائی نہیں دیتی ۔کوئی بھی فضل نظر نہیں آتا۔کسی رحمت سے بھی اس کے قلب میں اللہ تعالیٰ کی محبت کاجذبہ پیدانہیں ہوتا ۔
ہم نے بڑے بڑے مالداروں کو دیکھا ہے ۔وہ موٹروں میں پھرتے ہیں ۔دس دس کھانے ان کے دسترخوانوں پر موجو د ہوتے ہیں ۔ مگر جب کھانے کے لئے بیٹھتے ہیں توکہتے ہیں ۔یہ بھی خراب ہے وہ بھی خراب ہے کھانے کاکو ئی مزہ ہی نہیں آتا ۔اس کے مقابلہ میں غریب آدمی کو دیکھو کہ و ہ روٹی کا سوکھا ٹکڑا کس مزے سے کھاتا ہے اورکس طرح وہی ٹکڑا اسے دنیا کی تمام نعمتوں سے زیادہ لذیز معلوم ہوتاہے ۔مجھے یا د ہے ۔میری دوتین سال کی عمر تھی کہ میری آنکھیں دُکھنے آگئیں ۔ڈاکٹروں نے ایسی حالت میں مجھے روٹی کھلانی منع کردی ۔ایک دن صبح کے وقت مجھے آنکھوں میں سخت تکلیف محسوس ہوئی کیونکہ صبح کے وقت رات بھر آنکھ بند رہنے کی وجہ سے پانی اند ربھر جاتا ہے اورآنکھوں میں درد ہوتاہے ۔اوراس کی وجہ سے لازمی طور پر بچہ رونے لگ جاتا ہے ۔بہرحال آنکھیں دُکھنے کی وجہ سے مجھے تکلیف ہوئی اورمیں نے روناشروع کردیا۔ہمارے گھر کی ایک خادمہ نے یہ دیکھ کر مجھے اُٹھالیا اورپچکارنا شروع کردیا ۔اس وقت وہ روٹی کاایک باسی ٹکڑا ہاتھ میں پکڑے ہوئے بڑے مزے سے کھاتی جاتی تھی ۔اورساتھ ساتھ مجھے پچکارتی جاتی تھی ۔مجھے ساری عمر میں کبھی کسی کھانے کا اتنا مزہ نہیں آیا جتنا مجھے اس باسی ٹکڑہ کی خوشبوکا محسوس ہوا۔کیونکہ وہ اپنے دل کے اطمینا ن کیوجہ سے اس باسی ٹکڑہ میں بھی اتنا لطف محسوس کررہی تھی کہ اس نے وہ لطف اورو ہ لذت کااحساس میرے اند ر بھی پیداکردیا ۔حالانکہ وہ بغیر کسی سالن کے اوربغیرکسی ایسی چیز کے کھارہی تھی جو اس ٹکڑے کو نرم کردے ۔مگر جس مزے سے وہ کھارہی تھی اورجس طرح وہ مچاکے ماررہی تھی ۔و ہ مچاکے محسوس کراتے تھے کہ اس کے نزدیک دنیا کاسب سے بڑاکھانا وہی ہے۔لطیفہ یہ ہے کہ ایک تین چار سال کے بعد ایک دفعہ اماں جانؓ نے مجھ سے پوچھا کہ تمہاراکس چیز کو دل چاہتا ہے تومیری طبیعت پر اس کااتنا اثر تھاکہ میں نے کہا ۔میر اجی چاہتا ہے کہ میں باسی روٹی کھائوں۔توجب انسان قناعت سے کام لے اور شکر گذاری کے جذبات کے ساتھ ہر چیز کو دیکھے تواسے معمولی سے معمولی چیز بھی دنیا کی اعلیٰ ترین نعمت دکھائی دینے لگتی ہے۔
حضرت خلیفہ اول رضی اللہ عنہ سنایا کرتے تھے کہ ایک بڑھیا تھی جو بڑی نیک اورعبادت گذار تھی ۔میں نے ایک دفعہ اس سے کہا کہ مائی مجھے کو ئی خدمت بتائو ۔میں چاہتا ہوں کہ اگر تمہاری کوئی خواہش ہو تو اس کو پوراکرکے ثواب حاصل کروں۔وہ کہنے لگی ۔اللہ کادیاسب کچھ ہے۔مجھے کسی چیز کی ضرورت نہیں۔میں نے پھر اصرار کیا اورکہا کہ کچھ توبتائو۔میری بڑی خواہش ہے کہ میں تمہاری خدمت کروں۔وہ کہنے لگی ۔نور الدینؓ! مجھے اَور کیا چاہیئے۔کھانے کے لئے روٹی اوراوڑھنے کے لئے لحاف کی ضرورت ہو تی ہے اللہ تعالیٰ مجھے دوروٹیاں بجھوادیتاہے ۔ایک میں کھالیتی ہو ںاورایک میرابیٹاکھالیتاہے ۔اورایک لحاف ہمارے پاس موجود ہے جس میں ہم دونوں ماں بیٹاسورہتے ہیں ۔میں ایک پہلو پر سوئے ہو ئے تھک جاتی ہوں تو کہتی ہوں ۔بیٹا!اپنا پہلو بد ل لے اورمیں دوسرے پہلوپر لیٹ جاتی ہوں ۔اس کاایک پہلو تھک جاتاہے توو ہ مجھے کہتاہے اورمیں اپنا پہلو بدل لیتی ہوں ۔بس بڑے مزے سیی عمر گذر رہی ہے۔اَور کسی چیز کی کیا ضرورت ہے۔میں نے پھر اصرار کیا ۔توکہنے لگی اچھا ۔اگر تم بہت اصرار کرتے ہو توپھر مجھے ایک موٹے حرفوںوالا قرآن لادو ۔میر ی نظر اب کمزورہوگئی ہے اورباریک حرف نظر نہیں آتے ۔موٹے حرفوں والا قرآ ن مل جائے تومیں آسانی سے قرآن پڑھ سکوں گی ۔اب ایک طرف اس بڑھیا کی حالت کو دیکھو اوردوسری طرف اس امر کو سوچو۔کہ اب اگر کوئی چار سوروپیہ ماہوار کماتاہے تووہ بھی بے چین ہے ۔پانچسو روپیہ ماہوار کما تا ہے تو و ہ بھی بے چین ہے ۔دوہزار روپیہ ماہوار کماتاہے تووہ بھی بے چین ہے ۔حالانکہ مال حاصل کرنا اصل مقصود نہیں بلکہ اصل مقصود راحت اورچین ہوتاہے ۔اوراگر یہی حاصل نہ ہوتو روپیہ لے کرکسی نے کیا کرنا ہے لیکن اگر انسان اپنے دل میں شکر گذاری کا جذبہ پیداکر ے تواسے عالم کاذرہ ذرہ اپنا محسن دکھا ئی دیتا ہے ۔ اورچونکہ عالم کا ہرذرہ خداتعالیٰ کے احسان کے نیچے ہے اس لئے اسے خداہی اپنا محسن حقیقی نظر آتا ہے ۔
حضرت مرزامظہر جان جانا ن ؒ دلی کے ایک بہت بڑے بزرگ گذرے ہیں ۔ان کے متعلق لکھا ہے کہ انہیں لڈّو بہت پسند تھے ۔ دِلّی میں بالا ئی کے لڈو بنتے ہیںجو بہت لذیز ہو تے ہیں ۔ایک دفعہ وہ اپنی مجلس میں بیٹھے ہو ئے تھے کہ کو ئی شخص بالا ئی کے دولڈو ان کے پا س ہدیۃً لایا ۔ان کے ایک شاگر د غلام علی شاہ بھی ا س وقت پا س ہی بیٹھے ہو ئے تھے انہوں نے وہ دونوں لڈو ان کو دے دیئے۔بالائی کے لڈو بہت چھو ٹے چھو ٹے ہوتے ہیں ۔انہوں نے ایک دفعہ ہی وہ دونوں لڈو اُٹھا ئے اورمونہہ میں ڈا ل لئے۔ جب وہ کھا چکے تو حضر ت مرزا مظہر جان جانانؒ نے ان کی طرف دیکھا اورفرمایا۔میاں غلام علی !معلوم ہوتا ہے تم کو لڈو کھانے نہیں آتے ۔و ہ اس وقت تو خاموش ہو گئے مگر کچھ دنوں کے بعد ا ن سے کہنے لگے ۔حضور مجھے لڈوکھانے سکھا دیجئے ۔حضرت مرزامظہر جان جانانؒ نے کہا کہ اگر اب کسی دن لڈو آئیں تومجھے بتایا ۔میں تمہیں لڈوکھانا سکھادوں گا۔کچھ دنوں کے بعد پھر کو ئی شخص ان کے پاس بالائی کے لڈو لایا۔میاں غلام علی صاحب کہنے لگے ۔حضور!آپ نے میرے ساتھ وعدہ فرمایا ہواہے کہ میں تمہیں لڈو کھانا سکھادوں گا ۔آ ج اتفاقاً پھر لڈو آگئے ہیں ۔آپ مجھے بتائیں کہ لڈو کس طرح کھائے جاتے ہیں ۔انہوں نے اپنا رومال نکالا ۔اوراس پر وہ لڈو رکھ کر ایک لڈو سے ذرہ ساٹکڑہ توڑکر اپنے منہ میں ڈالااورسبحان اللہ !سبحان اللہ کہنے لگ گئے ۔پھر فرمانے لگے ۔واہ مظہر جان جاناںؒتجھ پر تیرے رب کاکتنا بڑافضل ہے ۔یہ کہکر پھر سبحان اللہ !سبحان اللہ کہنے لگ گئے اوراپنے شاگرد کو مخاطب کر کے فرمایا۔میاں غلام علی! یہ لڈو کن کن چیزوں سے بنتاہے ۔انہوں نے چیزوں کے نام گنانے شروع کردیئے کہ اس میں کچھ بالائی ہے کچھ میٹھاہے ۔کچھ میدہ ہے ۔یہ سن کر انہوں نے پھر سبحان اللہ !سبحان اللہ کہنا شروع کردیا اورفرمایا۔میاں غلام علی! تمہیں پتا ہے یہ میٹھا جو اس لڈو میں پڑا ہے کس طرح بنا۔انہوں نے بتایا کہ زمیندار نے پہلے گنا بویا۔پھر بیلنے میں اس کو بیلا ۔پھر رس تیار ہو ئی اوراس سے شکر بنائی گئی ۔حضرت مظہر جان جانانؒ فرمانے لگے ۔دیکھو وہ زمیندار جس نے شکر کو بویاتھاو ہ کس طرح اپنے بیوی بچوں کو چھو ڑکر راتوںکو اُٹھ اٹھ کر اپنے کھیتو ں میں گیا اس نے ہل چلایا ۔کھیتوںکو پانی دیا اورایک لمبے عرصہ تک محنت و مشقت برداشت کرتارہا۔صرف ا سلئے کہ مظہر جان جانانؒ ایک لڈو کھالے۔یہ کہہ کر وہ پھر اللہ تعالی کی تسبیح و تحمیدمیں مشغول ہوگئے ۔اورتھو ڑی دیر بعد فرمانے لگے ۔چھ ماہ زمیندار اپنے کھیت کو پانی دیتا رہا۔پھر کس محنت سے اس نے نیشکر کو بیلا ۔اس سے رس نکالی اورپھر آگ جلا کر کتنی دفعہ وہ اس دنیا کے دوزخ میں گیا ۔محض اس لئے کہ مظہر جان جانانؒ ایک لڈو کھالے ۔اس کے بعد انہوں نے اسی طرح میدہ اوربالائی کے متعلق تفاصیل بیان کرنی شروع کردیں ۔کہ کس طرح ہزاروںآدمی دن رات ان کاموں میں مشغول رہے ۔انہوں نے اپنی صحت کی پرواہ نہ کی۔انہوں نے اپنے آرام کو نہ دیکھا انہوں نے اپنی آسائش کو نظر انداز کردیا ۔اوریہ سارے کام خداتعالیٰ نے ان سے محض اس لئے کرائے کہ مظہر جان جانان ایک لڈو کھالے ۔یہ کہہ کر ان پر پھر ربودگی کی کیفیت طاری ہوگئی اوروہ سبحان اللہ ! سبحان اللہ کہنے لگ گئے ۔اتنے میں عصر کاوقت آگیا اوروہ اٹھ کر نماز کے لئے چلے گئے ۔اورلڈو اسی طرح پڑارہا۔
حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کو بھی ہم نے دیکھا ہے ۔آپ کا یہ طریق تھا کہ جب آپ روٹی کھاتے توروٹی کا ایک چھوٹا سا ٹکڑا توڑکر اپنے منہ میں ڈال لیتے اوراس وقت تک کہ دانت اسکو چباسکیں اچھی طرح چباتے رہتے ۔آپ کی عادت بڑالقمہ لینے کی نہیں تھی بلکہ آپ ہمیشہ چھوٹا لقمہ لیتے اورجہاں ا س لقمہ کو دیر تک چباتے رہتے وہاں روٹی کاایک اَور ٹکڑا لے کر اپنے ہاتھ میں ملتے جاتے اورساتھ ہی سبحان اللہ سبحان اللہ کہتے جاتے ۔کچھ دیر کے بعد اس میں سے کوئی ٹکڑہ سالن لگا کر منہ میں ڈال لیتے اورروٹی کے باقی ٹکڑے دسترخوان پر پڑے رہتے دیکھنے والے بعض دفعہ کہا کرتے کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام روٹی کے ٹکڑوں میں سے حلال اورحرام ذرّے الگ الگ کرتے ہیں اورچونکہ روٹی کے بہت سے ٹکڑے آپ کے دسترخوان پر جمع ہوجاتے تھے اس لئے جب آپ کھانے سے فارغ ہوجاتے تولو گ تبرّک کے طور پر ان ٹکڑوں کو آپس میں تقسیم کرلیاکرتے تھے۔
تواللہ تعالیٰ کی رحمتیں اوربرکتیں اتنی وسیع ہیںکہ اگر انسان غور کرے اورسوچے تواسے معلوم ہو کہ ہرقدم جو انسان اٹھا تاہے ۔ہرلمحہ جو انسانی زندگی پر گذرتاہے۔ہرساعت جو اس پر آتی ہے وہ اللہ تعالیٰ کے بے انتہا فضلوں اوراس کی بے انتہاء برکات کو اپنے ساتھ لے کر آتی ہے اورپھر اگر انسان اورزیادہ غور کرے تواسے معلوم ہوکہ ساراجہان اس کی خدمت میں لگا ہواہے ۔اوردن رات اللہ تعالیٰ کے فضلوں سے وہ حصہ پارہا ہے ۔ہرہاتھ جو وہ لمباکرتاہے ۔ہرآنکھ جو وہ جھپکتا ہے ۔ہرآوازجو وہ سنتاہے ۔ہر تھوک جو وہ نگلتاہے اللہ تعالیٰ کے فضل اوراس کے احسان کا ہی نتیجہ ہے ۔ورنہ خودانسان میں یہ کہاں طاقت تھی کہ وہ ایساکرسکتا ۔اگرڈاکٹر ہائیڈروکلورک ایسڈ پلا پلا کرانسان کی قوت ہضم کو درست کرتے تو وہ چند دنوں کے اند ر اند رمرجاتا ۔لیکن اللہ تعالیٰ نے انسان کے اند ر ایسی مشین لگادی ہے کہ جونہی کو ئی غذااستعمال میں آتی ہے و ہ مختلف قسم کی تبدیلیوں کے بعد اسے انسانی خو ن میں شامل کردیتی ہے ۔اورپھر خو ن اس غذا کو لے کر فوراً دل میں پہنچتا ہے جہاں اس کی صفائی کے لئے اسے پھیپھڑوں میں سے گذاراجاتاہے ۔پھر صاف شدہ خون د ل کے بائیں حصہ میں آ نے کے بعد ایک بڑی رگ کے ذریعہ دل سے باہر نکلتاہے جو آگے چل کر دوحصوں میں منقسم ہوجاتی ہے ۔ ایک حصہ سرکی طر ف خو ن لے جاتاہے اوردوسرا حصہ دل کے مقام کے نچلے حصہ کی طرف خو ن لے جاتاہے۔اوراس طرح ہرعضو اپنی اپنی ضرورت کے مطابق غذا حاصل کرلیتاہے ۔مثلاً دماغ کے وہ اعلیٰ حصے جو عقل اورشعور کے مرکزہیںوہ اس سے اپنی غذالے لیتے ہیں اورجسم کے مختلف اعضاء کو حرکت میں لانے والے مراکز اپنی غذالے لیتے ہیں ۔اسی طرح آنکھ،کان ،ناک ،زبان اوردوسرے اعضاء اپنی غذالے لیتے ہیں ۔غرض ایک عظیم الشان نظام ہے جو زندگی کو برقرار رکھنے کے لئے اللہ تعالیٰ نے انسان کے اند رجاری کیاہواہے ۔
لوگ کارخانے دیکھتے ہیں توتعجب کرتے ہیں ۔چکیّوںکو دیکھتے ہیں توحیران ہوجاتے ہیں ۔کہ یہ کس طرح آٹاپیس رہی ہیں۔مگرانہیں کبھی احساس نہیں ہوتا کہ ان تمام مشینوں سے ایک بڑی مشین اللہ تعالیٰ نے خود انسانی جسم کے اندر پیداکررکھی ہے ۔جو پیس بھی رہی ہے ۔جوصاف بھی کررہی ہے۔جوطاقت بھی پہنچا رہی ہے ۔جس طرح بعض مشینیں ایسی ہوتی ہیں جومیدہ الگ نکالتی جاتی ہیں اورسبوس الگ نکالتی جاتی ہیں اسی طرح انسانی جسم میں اللہ تعالیٰ نے جو مشین بنارکھی ہے ان میں سے کوئی خون صالح پیداکرتی ہے ۔ کو ئی عقل کو طاقت دیتی ہے ۔کوئی سمع کو طاقت دیتی ہے ۔کوئی بصر کو طاقت دیتی ہے ۔کوئی قوت گویائی کو طاقت دیتی ہے ۔غرض ایک نظام ہے جو انسان کے اندر د ن رات کام کررہاہے ۔اوربیسیوں چیزیں ہیں جو اس سے پیداہوتی ہیں ۔ان میں سے کو ئی انسانی حِس کو طاقت دیتی ہے۔کوئی قوت شامہ کو طاقت دیتی ہے۔کوئی اعصاب کو طاقت دیتی ہے ۔اسی طرح انسانی جسم میں مختلف قسم کے ڈیپارٹمنٹ بنے ہوئے ہیں ۔اتنے بڑے ڈیپارٹمنٹ دنیوی گورنمنٹوں میں بھی نہیں ہوتے جتنے انسانی دماغ میں اللہ تعالیٰ نے بنائے ہوئے ہیں ۔مگرانسان کو احساس بھی نہیں ہوتاکہ مجھ پراللہ تعالیٰ کے کیاکیا احسانات ہورہے ہیں ۔وہ اندھے کی طرح گذ ر جاتاہے اوراس کادل اللہ تعالیٰ کی محبت سے ہمیشہ خالی رہتاہے ۔لیکن رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی یہ حالت تھی کہ آپ کھاناکھاتے تو بسم اللہ پڑھتے۔کھاناکھاچکتے تواللہ تعالیٰ کی حمد کرتے ۔اسی طرح کپڑے پہنتے توخداتعالیٰ کی حمد کرتے حالانکہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے کپڑے ہی کیاتھے بہت معمولی اورسادہ کپڑے ہواکرتے تھے۔آجکل ململیں اورلٹھے اورکئی قسم کے ارام دہ کپڑے لوگ پہنتے ہیں ۔اوران کے دلوں میں خداتعالیٰ کے شکر کاکوئی جذبہ پیدانہیں ہوتا۔وہ مومن کہلاتے ہیں وہ خدااوراس کے رسول ؐکوماننے والے کہلاتے ہیں مگرانہیں کبھی خیال نہیں آیا کہ خداکاوہ رسول جس کے متعلق یہ کہاگیاتھا کہ لَوْلَاکَ لَمَا خَلَقْتُ الْاَفْلَاکَ ۱؎ اسے اپنے پہننے کے لئے جو کپڑے نصیب ہوئے ان سے ہزاروں گنازیادہ اعلیٰ اورزیادہ آرام دہ کپڑے آج ہرادنیٰ سے ادنیٰ مسلمان کو نصیب ہیں ۔مگرحالت یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی حمد اوراس کے شکر کے جواعلیٰ ترین جذبات معمولی کپڑے پہن کر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دل میں پیداہوتے تھے وہ آج ہمارے دلوں میں پیدانہیں ہوتے ۔یہ تمنااورخواہش پیدانہی ہوتی کہ کاش یہ نعمتیں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو ملتیں کیونکہ ان نعمتوں کے اصل مستحق آپؐ ہی تھے ۔
حضر ت خلیفہ اول رضی اللہ عنہ کے پاس ایک دفعہ ایک شخص آیا اورکہنے لگا ۔میں سیّد ہوں ۔میری بیٹی کی شادی ہے ۔آپ اس موقعہ پر میری کچھ مدد کریں ۔حضرت خلیفہ اول رضی اللہ عنہ یو ں تو بڑے مخیّر تھے مگرطبیعت کا رجحا ن ہے جو بعض دفعہ کسی خاص پہلو کی طرف ہوجاتا ہے ۔آپ نے فرمایا۔میں تمہاری بیٹی کی شادی کے لئے وہ ساراسامان تمہیں دینے کے لئے تیار ہوں جورسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی بیٹی فاطمہؓ کو دیاتھا ۔وہ یہ سنتے ہی بے اختیار کہنے لگا ۔آپ میری ناک کاٹناچاہتے ہیں ۔حضر ت خلیفہ او ل رضی اللہ عنہ نے فرمایا کیا تمہاری ناک محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ناک سے بڑی ہے ۔تمہاری عزت تو سیّد ہونے میں ہے ۔پھر اگر اس قدر جہیز دینے سے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ہتک نہیں ہوئی تو تمہاری کس طرح ہوسکتی ہے ۔
تو حقیقت یہ ہے کہ آج ایک ادنیٰ سے ادنیٰ مسلمان بھی دنیوی نعمتوں کے لحاظ سے اس سے زیادہ نعمتیں رکھتا ہے جتنی رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے پائیں مگرا سکا دل محبت کے جذبات سے خالی ہوتاہے ۔وہ ہزاورں گنازیادہ نعمتیں دیکھ کر بھی اپنے رب کا شکریہ ادانہیں کرتا ۔لیکن رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے دل میں خداتعالیٰ کے شکر کے جذبات اس قسم کے پائے جاتے تھے کہ آسمان سیی جب بارش برستی تووہ زمیندار جس کی کھیتیاں اس بارش سے تیار ہوتیں خاموشی کے ساتھ گذر جاتا ۔اسے پانی جمع کرتے ہوئے کبھی خیال بھی نہ آتا کہ یہ کہاں سے آگیاہے ۔وہ شہر جن میں کنوئیں نہیں ہوتے اورجہاں کے رہنے والے بارش پر تالابو ں میں پانی جمع کرلیتے ہیں تاکہ سال بھر ان کی ضروریات پوری ہوتی رہیں وہ بھی اپنے لئے اوراپنے جانوروں کے لئے پانی جمع کرتے مگران کے دلوں میں بھی یہ احساس پیدانہ ہوتاکہ ان کے رب نے ان پر یہ کتنا بڑا احسان کیاہے کہ وہ سورج کی شعاعوں کے ذریعے سمندروں کا پانی بخارات کی صورت میں تبدیل کرتا اورپھر ہوائوں کے ذریعے ان کے ملک میں لاکر برسادیتاہے ۔لیکن محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جن کے نہ تالاب تھے نہ کھیتیاں تھیں نہ جانور تھے بارش آتی توآپؐ کمرہ سے نکل کر باہر صحن میں آجاتے ۔اپنی زبان باہر نکال
۱؎ فوائد المجموعہ مصنفہ علامہ شوکانی ص ۱۱۶ و موضوعات کبیر ص ۷۰۔
لیتے اورجب اس پر پانی کا قطرہ گرتا توآپؐفرماتے ۔یہ میرے رب کاتاز ہ احسان ہے ۔یہ محبت اورپیار کاکیسا دلفریب رنگ ہے ۔ لوگ پلائو اورزردہ کھا کربھی خداتعالیٰ کی محبت کاجوش اپنے دلوں میں نہیں پاتے اواس کے فضلوں کے شکر گذار نہیں ہوتے ۔لیکن رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی اللہ تعالیٰ سے محبت اس پایہ کی تھی کہ آپؐ اپنی زبان باہر نکال کر اس پر بارش کا قطرہ لیتے اوراخداتعالیٰ کی اس تازہ نعمت کاشکر اداکرتے۔اسی وجہ سے قرآن کریم میں بار بار اس طرف توجہ دلائی گئی ہے کہ اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا شکر اداکرو۔ اوراس کے احسانات کوہمیشہ یا د رکھو ۔جب انسان ہر چیز کو خداتعالیٰ کا نعام سمجھتا اوراس کی نعمتوں کی قدر کرتاہے تواسے ایک ایسی سیڑھی مل جاتی ہے جو اسے خداتعالیٰ تک پہنچا دیتی ہے۔نہ شیطان اس کی راہ میں روک بنتا ہے اورنہ اس کا نفس اسے نیچے گراسکتا ہے ۔وہ اس سیڑھی پر چڑھتے ہوئے سیدھا خداتعالیٰ تک پہنچ جاتا ہے ۔کیونکہ اس کے دل میں خداتعالیٰ کے احسانات کو دیکھ دیکھ کر شکر کامادہ پیداہوجاتاہے جواسے اوپر ہی اوپر لے جاتا ہے نیچے گرنے سے اسے کلی طورپر محفوظ کردیتا ہے ۔
لطیف کے دوسرے معنے جیساکہ اوپر بتایاجاچکا ہے اَلْعَالِمُ بِخَفایَا الاُمُورِ وَدَقَائِقِھَا کے ہیں ۔یعنی ایسی ہستی جو تمام امور کے مخفی درمخفی پہلوئوں کو جاننے والی اورکائنات عالم کے تمام اسرار اورغوامض کاعلم رکھنے والی ہے ۔ان معنوں کے لحاظ سے اس میں یہ اشار ہ کیا گیاہے کہ انسان کی نگاہ اپنے تمام علوم اورایجادات کے باوجود صرف ظاہر تک محدود رہتی ہے ۔ا ن امور کے پس پشت جو اللہ تعالیٰ کا عظیم الشان غیب کام کررہاہوتاہے اورجو باریک د رباریک حکمتیں ان میں مخفی ہوتی ہیں ان سے وہ آگاہ نہیں ہوتا اوراگر کائنات عالم کے رموز اوراسرار اس پر منکشف ہوتے ہیں تواسی وقت جب اللہ تعالیٰ اپنی صفتِ لطیف کے ماتحت اسے اپنے حقائق سے آشناکرتااوراخفاء کے پردوں کو اس کی آنکھوں سے دور کرتاہے ۔اسی کی طرف اشار ہ کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے فرماتا ہے کہ تولوگوں سے یہ کہدے کہ وَلَوْ کُنْتُ اَعلمُ الغیبَ لَامْتَکْثَرْتُ مِنَ الخَیرِ ۔وَمَا مَسَّنِیَ السُّوْٓئُ(اعراف آیت ۱۸۹)یعنی اگر میں غیب کا واقف ہوتاتوبھلائیوں میں سے اکثر اپنے لئے جمع کرلیتااورمجھے کبھی کو ئی تکلیف نہ پہنچتی ۔درحقیت اگر غور سے کام لیا جائے تواللہ تعالیٰ نے علم غیب کو اپنے ہاتھ میں رکھ کر انسان کے لئے دوبرکتیں پیداکردی ہیں ۔ایک برکت تو پر دئہ غیب کی وجہ سے اسے حاصل ہوتی ہے اوترایک برکت کشف غیب کی وجہ سے اسے حاصل ہوتی ہے ۔پردئہ غیب کی وجہ سے جو برکت اسے حاصل ہے وہ تو اس سے ظاہر ہے کہ انسان کی ساری زندگی جدوجہدسے تعلق رکھتی ہے اورجدوجہد کی ساری بنیاد ہی غیب پرہے ۔اگر غیب کا پردئہ حائل نہ ہو تو سعی و عمل کاساراسلسلہ ختم ہوجائے ۔مثلا بچوں کو ان کے والدین سکول میں پڑھنے کے لئے بھیجتے ہیں ۔اوروہ بھی اگر محنتی اورذہین ہو ںتووہ سمجھتے ہیں کہ ہم اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے دنیا میں عزت حاصل کرلیں گے ۔لیکن کبھی ایسا بھی ہوتاہے کہ جب ان کا امتحان قریب آتا ہے توان میں سے بعض لڑکے بیماریوں یااچانک حادثات کی وجہ سے وفات پاجاتے ہیں ۔اب اگر خداتعالیٰ نے علم غیب اپنے ہاتھ میں نہ رکھا ہوتا اورایک طالب علم کو یہ یقینی طور پر معلوم ہوتا کہ میں نے پندرہ سال کی عمر کو پہنچ کر مرجانا ہے ۔تووہ اسی وقت سے مغموم رہنا شروع کردیتا ۔اوراس کے والدین بھی رونے پیٹنے لگ جاتے اوروہ اپنی عمر کو بالکل ضائع کردیتا ۔لیکن پردئہ غیب کے حائل ہونے کی وجہ سے وہ برابر محنت کرتا چلا جاتاہے ۔ اورگوبعد میں آکر وہ فوت ہو جاتاہے مگر جس طرح ایک ٹوٹنے والے ستارے کی روشنی سے بھی کئی بھولے بھٹکے مسافر راہ پالیتے ا ورکئی گڑھوں میں گرتے ہوئے سنبھل جاتے ہیں ۔اسی طرح وہ دوسرے لڑکوں کے لئے ایسی روشنی چھو ڑجاتاہے جو ان کی ترقی کاموجب بن جاتی ہے ۔کیونکہ کئی لڑکے ایسے تھے جن کے سامنے اگراس کاوجود نہ ہوتا۔تووہ کبھی محنت نہ کرتے ۔انہوں نے اگر محنت کی تواسی لئے کی کہ اس لڑکے کی محنت اورذہانت کودیکھ کران کے دلوں میں بھی رشک پیداہوا۔اورانہوں نے بھی تعلیم میں دلچسپی لینی شروع کردی اوررفتہ رفتہ وہ ترقی کرگئے ۔
اسی طرح انسان اپنے دوستوں اوررشتہ داروں میں پھر تاہے ۔جن میں سے بعض ایسے بھی ہوتے ہیں جن کی دوستی خود غرضانہ ہوتی ہے ۔یاو ہ اپنے دل میں اس کے خلاف کئی قسم کے منصوبے سوچتے رہتے ہیں ۔یا اس کے رشتہ دار بظاہر اس سے محبت کرتے ہیں ۔ لیکن وہ اپنے دلوں میں اس کے بد خواہ ہوتے ہیں ۔اگر پردئہ غیب حائل نہ ہوتا اورانسان کو پتہ لگ جاتا کہ میرافلاںدوست اپنے دل میں میرے متعلق اس قسم کے خیالات رکھتاہے یامیرافلاں رشتہ دارمیرابدخواہ ہے توایک قیامت برپاہوجاتی ۔جس گھر میں دیکھو لڑائی ہورہی ہوتی ۔ایک کہہ رہاہوتا کہ تم نے میرے خلاف فلاں فلاں بات کیوں سوچی تھی۔اوردوسراکہہ رہاہوتاکہ تمہارے دل میں میرے خلاف اس قسم کے خیالات کیوں آرہے تھے ۔بیوی خاوند یس ناراض ہوتی اورخاوند بیوی سے ناراض ہوتا۔اورامن اورسکون دنیا سے اٹھ جاتا۔پس پردئہ غیب جو اللہ تعالیٰ نے حائل کررکھا ہے یہ اس کی ایک بڑی رحمت ہے ۔
پھر اگر پردئہ غیب نہ ہوتا تولڑائیوں میں تمام دنیا تباہ ہو کررہ جاتی ۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں ۔اَلْحَربُ خُدْعَۃٌ ۱ ؎ ۔یعنی لڑائی لڑنے کاساراکمال اس میں ہے کہ سب باتیں پردئہ اخفاء میں رہیں اورلڑنے والے اپنی سیاست اورتدبیر پر اعتماد کریں۔لیکن اگر پردئہ غیب نہ ہوتا اورجنگوں میں ایک طرف والوں کو پتہ لگ جاتا کہ ہمارادشمن اس وقت فلاں جگہ پر ہے تووہ اپنی توپوں کا منہ عین اسی طرف کردیتے جدھر دشمن ہوتا۔اسی طرح دوسری طرف سے بھی توپوں کے گولے عین اسی جگہ آکر گرتے۔جہاں دشمن موجود ہوتا اوراس طرح کوئی متنفس بھی نہ بچ سکتا۔اب توایساہوتاہے کہ اگر ایک لاکھ فوج میدان میں جاتی ہے تواس میں سے چند ہزار مرجاتے ہیں اورباقی فوج صحیح وسلامت رہتی ہے۔ لیکن اگر پردئہ غیب نہ ہوتا اورفریقین کو ایک دوسرے کے حالات کاعلم ہوجاتا ۔تونشانہ عین دشمن پر بیٹھتا اورکو ئی شخص بھی محفوظ نہ ر ہ سکتا۔اسی طرح سائنس کی ترقی اورعلوم جدیدہ کے انکشاف کی بنیاد بھی غیب پر ہی ہے ۔اگر ہرچیز ظاہر ہوتی تو سعی و عمل اورایجادات کاتمام سلسلہ ختم ہوجاتا اورانسان ایک ناکارہ وجو د بن کر رہ جاتا ۔غرض دنیاکے تمام کاروبار غیب پر چل رہے ہیں اگر غیب نہ رہے تودنیا کاتمام کارخانہ بھی ختم ہوجائے ۔اسی طرح روحانی عالم میں جزاء و سزا کی بنیاد بھی پردئہ غیب پر رکھی گئی ہے۔اگرپردئہ غیب ہٹادیاجائے تونہ نیکی قابل جزا سمجھی جائے اورنہ بدی سے اجتناب قابل ثواب سمجھا جائے ۔
ہم ایک دفعہ لکھنؤ گئے ۔وہاں ایک سرحدی مولوی عبدالکریم تھا ۔جو ہماری جماعت کاشدید مخالف تھا ۔اس نے ہمار ے آنے کے ابعد ایک تقریر کی جس میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰ ۃ والسلام کے ایک واقعہ کو اس نے نہایت تحقیر کے طور پر بیان کیا ۔وہ واقعہ یہ تھا کہ ایک دفعہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰ ۃ والسلام دِلّی گئے وہاں ہمار ے ایک رشتہ دار کے ماموں مرزاحیرت دہلوی تھے۔انہیں ایک دن
۱؎ ۔ترمذی ابواب الجہاد ۔
شرارت سوجھی اوروہ جعلی انسپکٹر پولیس بن کر آگئے ۔اورحضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کو ڈرانے کے لئے کہنے لگے کہ میں انسپکٹر پولیس ہو ںاورمجھے حکومت کی طرف سے اس لئے بھیجا گیاہے کہ میں آپ کو نوٹس دوں کہ آپ یہاں سے فوراً چلے جائیں ۔ورنہ آپ کو سخت نقصان ہو گا۔حضر ت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے تواس کی طرف توجہ نہ کی۔مگر جب بعض دوستوں نے تحقیق کرنی چاہی کہ یہ کو ن شخص ہے توو ہ وہاں سے بھاگ گئے۔اس واقعہ کو مولوی عبدالکریم سرحدی نے اس رنگ میں بیان کیا کہ دیکھو وہ خداکانبی بنا پھر تا ہے مگروہ دلّی گیا تومرزاحیرت انسپکٹر پولیس بن کر اس کے پاس چلا گیا ۔وہ کوٹھے پر بیٹھا ہواتھا ۔(حالانکہ یہ بات بالکل جھو ٹ تھی حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نیچے دکان میں بیٹھے ہوئے تھے )جب اس نے سنا کہ انسپکٹرپولیس آیا ہے تووہ ایساگھبرایاکہ سیڑھیوں سے اترتے وقت اس کاپیر پھسلااوروہ مونہہ کے بل زمین پر آگرا۔لوگوں نے یہ تقریر سن کر بڑے قہقہے لگا ئے اورہنستے رہے۔لیکن اسی رات مولوی عبدالکریم کو خداتعالیٰ نے پکڑ لیا ۔وہ اپنے مکان کی چھت پر سویاہواتھا ۔کہ رات کو وہ کسی کام کے لئے اٹھا اورچونکہ اس کی چھت کی کوئی منڈیر نہیں تھی اورنیندسے اس کی آنکھیں بند ہورہی تھیں ااس کاایک پائوں چھت سے باہر جاپڑا اور وہ دھڑم سے نیچے آگرا۔اورگرتے ہی مرگیا۔اب دیکھو اگر اس کو غیب کاپردہ نہ ہونے کی وجہ سے پتہ ہوتا کہ مجھے گستاخی کی یہ سزاملے گی تووہ کبھی گستاخی نہ کرتا بلکہ آپ پر ایمان لے آتا گوایسایمان اس کے کسی کام نہ آتا۔کیونکہ جب غیب ہی نہ رہا توایمان کاکیافائد ہ۔ایمان تو وہی کارآمد ہوسکتاہے جوغیب کی حالت میں ہو ۔ثواب یا عذاب سامنے نظر آنے پر توہر کوئی ایما ن لاسکتا ہے ۔ حضرت ابو بکر ؓ جب ایمان لائے تو یہ سمجھ کرایمان لائے تھے کہ مجھے دین کے راستہ میں قربانیاں کرنی پڑیں گی اوراپنی جان دینی پڑے گی اوراگر پرد ئہ غیب نہ ہوتا ۔اورانکوپہلے سے معلوم ہوتاکہ ان کے لئے انعامات مقد رہیں اوروہ ان انعامات کی لالچ میں ایمان لے آتے توان کاایمان کہاں رہتا ۔اسی طرح حضرت عمرؓ جب یمان لائے تو ان کو یہ پتہ نہیں تھا کہ وہ خلیفہ بنیں گے ۔بلکہ وہ تواس ارادہ سے نکلے تھے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو قتل کردوں گا ۔مگر جب اپنی بہن سے انہوں نے قرآن کریم کے چند اوراق لے کر پڑھے توان پر حق کھل گیا ۔اوروہ ایمان لے آئے اوران حالات می ایمان لائے کہ وہ جانتے تھے کہ مجھے مسلمان ہوکراب اپنی جان قربان کرنی پڑے گی ۔
اسی طرح حضرت عثمانؓ ایک خاموش طبع انسان تھے مگر ان کی قربانیوں کی وجہ سے اللہ تعالیٰ نے ان کو ایسی عزت بخشی کہ صلح حدیبیہ کے وقت تمام صحابہؓ نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں یہ تجویز پیش کی کہ یارسول اللہ!اگر ہم میں سے کو ئی شخص مکہ میں جانے کے وقابل ہے تووہ عثمانؓ ہی ہیں۔چنانچہ حضرت عثمانؓ مکہ گئے اورچونکہ ان کی رشتہ داری مکہ میں بہت زیادہ تھی ۔رؤساء نے ان سے کہا کہ آپ کعبہ کا طواف کرلیں مگر حضرت عثمانؓ نے انکار کردیا۔اورکہا کہ جب تک رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم طواف نہیں کریں گے میں بھی نہیں کروں گا ۔حضرت عثمانؓ کو مکہ والوں سے بات چیت کرتے ہوئے دیر ہوگئی اوراندھیراہونے لگا ۔تومسلمانوں میں یہ افواہ پھیل گئی کہ حضرت عثمانؓ کو شہید کردیاگیاہے ۔اسی لیء وہ ابھی تک واپس نہیں لوٹے ۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو جب یہ خبر پہنچی ۔تو آپؐ نے تمام صحابہؓ کو جمع کیا اوران سب سے بیعت لی وہ ایک ہی بیعت تھی جو آپ نے موت کے نام پر لی۔اس بیعت کے موقعہ پر آپؐ نے صحابہ سے یہ اقرار لیا کہ ہم دشمن کے مقابلہ سے پیچھے نہیں ہٹیں گے چاہے ہم سب کے سب مارے جائیں۔ جب صحابہؓ بیعت کرچکے تو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنا ہاتھ آگے بڑھاتے ہوئے فرمایا۔اس وقت عثمانؓ یہاں نہیں ہے ۔اورممکن ہے وہ ماراگیاہو۔لیکن چونکہ اس کے زندہ ہونے کابھی امکان ہے اس لئے (آپ نے اپنادوسرا ہاتھ اپنے ہاتھ پر رکھتے ہوئے فرمایا)میں عثمانؓ کی جگہ اپنا ہاتھ بیعت کے لئے رکھتا ہوں ۔ ۱؎ اب دیکھو عثمانؓ کے لئے یہ کتنا بڑااعزاز تھا ۔اس کے مقابلہ میں اگران کی ہزار سالہ زندگی بھی قربان ہوجاتی تو ہیچ تھی ۔لیکن اگر حضر ت عثمان کو پتہ ہوتا کہ مجھے یہ اعزاز ملنے والاہے اورمیرے لئے فلاں فلاں انعامات مقدر ہیں اوروہ محض ان انعامات کا لالچ کرتے ہوئے ایمان لے آتے تو ان کے ایمان کی کیا حقیقت رہ جاتی ۔
اسی طرح حضرت علیؓ جب ایمان لائے تووہ ابھی بچے ہی تھے اوروہ یہ سمجھ کرایمان لایء تھے کہ مجھے اسلام کے لئے ہرقسم کے مصائب برداشت کرنے پڑیں گے یہاں تک کہ اگر جان قربان کرنے کاوقت آیا تو مجھے اپنی جان بھی خداتعالیٰ کی راہ میں پیش کرنی پڑے گی ۔حدیثوں میں آتا ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی رسالت کے ابتدائی ایام میں ایک دعوت کی جس میں بنو عبدالمطلب کو بلایا۔تاکہ ان تک پیغام حق پہنچایاجائے ۔چنانچہ آپؐ کے بہت سے رشتہ دار اس دعوت میں شریک ہوئے ۔جب سب لو گ کھاناکھاچکے تو آپؐ نے کھڑے ہوکر تقریر کرنا چاہی۔مگر ابو لہب نے ا ن سب لو گوںکو منتشر کردیا اوروہ آپ کی بات سنے بغیر اپنے اپنے گھروں کو چلے گئے ۔آپؐ بہت حیران ہوئے کہ یہ اچھے لوگ ہیں جو دعوت کھاکر بھی بات نہیں سنتے ۔مگر آپؐ مایوس نہیں ہوئے بلکہ آپؐ نے حضرت علی سے فرمایاکہ دوبارہ ان کی دعوت کی جائے ۔چنانچہ دوبارہ ان سب کو کھانے پر مدعوکیا گیا ۔جب وہ سیر ہو کر کھا چکے تو آپ کھڑے ہوئے اورفرمایاکہ دیکو اللہ تعالیٰ کایہ تم پر کتنا بڑااحسان ہے کہ اس نے اپنا نبی تمہارے اند ربھیجا ہے ۔ میں تمہیں خداکی طرف بلاتاہوں۔اگر تم میری بات مانوگے تو تم دینی اوردنیوی نعماء کے وارث قرار پائو گے ۔کیاتم میں سے کوئی ہے جو اس کام میں میرامددگار بنے ؟یہ سن کر ساری مجلس پر سناٹے کی سی حالت طاری ہوگئی مگر یکلخت ایک کونے سے ایک نوعمر بچہ اُٹھااوراس نے کہا کہ گومیں ایک کمزورترین فرد ہوں اورعمر میں سب سے چھوٹاہوں مگر میں آپ کاساتھ دوں گا ۔یہ بچے حضرت علیؓ تھے جنہوں نے اس وقت اسلام کی تائید کااعلان کیا ۲؎۔اسی طرح اللہ تعالیٰ نے احضرت علیؓ کو یہ عظیم الشان قر بانی کرنے کی توفیق عطافرمائی کہ جب رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہجرت کے لئے رات کے وقت اپنے گھر سے نکلنا چاہا۔توآپؐ نے حضرت علیؓ سے فرمایا کہ تم میرے بستر پر لیٹ جائو تاکہ کفار اگر جھانک کردیکھیں توانہیں یہ دکھائی دیتا رہے کہ کو ئی شخص بستر پر سورہاہے اوروہ تعاقب کے لئے ادھر ادھر نہ نکل کھڑے ہوں۔اس وقت حضرت علیؓ نے یہ نہیں کہا کہ یارسول اللہ۔مکان کے اردگرد تو قریش کے چنیدہ نوجوان ہاتھ میں تلواریں لئے کھڑے ہیںاگرصبح کو انہیں معلوم ہواکہ آپ کہیں باہر تشریف لے جاچکے ہیں تو وہ مجھ پر حملہ کرکے مجھے قتل کردیں گے ۔بلکہ و ہ بڑ ے اطمینان کے ساتھ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بستر پر لیٹ گئے اورآپؐ نے اپنی چادر ان پر ڈال دی ۔جب صبح ہوئی اورقریش نے دیکھا کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بجائے حضرت علیؓ آپ کے بستر سے اٹھے ہیں
۱؎۔تاریخ الخیس جلد ۲ص ۲۲و سیرۃ ابن ہشام جلد سوم ص ۱۵۸
۲؎ ۔ السیرۃ الحلبیہ جلد اول ص ۳۰۴۔
تووہ اپنی ناکامی پر دانت پیس کر رہ گئے ۔اور انہوں نے حضرت علی ؓ کو پکڑ کر مارا پیٹا ۔مگر اس سے کیا بن سکتا تھا ۔خُدائی نوشتے پورے ہوچکے تھے اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سلامتی کے ساتھ مکہ سے باہر جاچکے تھے ۔اُس وقت حضرت علیؓ کو کیا معلوم تھا کہ مجھے اس ایمان کے بدلے میں کیا ملنے والا ہے ۔ہاں اللہ تعا لیٰ جانتا تھا کہ اس قربانی کے بدلہ میں صرف حضرت علیؓ ہی عزت نہیں پائیں گے بلکہ حضرت علی کی اولاد بھی عزت پائے گی ۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ نے حضرت علیؓ پر پہلا فضل تو یہ کیا کہ اُن کو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی دامادی کا شرف بخشا اور دوسرا فضل اللہ تعالیٰ نے اُن پر یہ کیا کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے دل میں اُ ن کے لئے اتنی محبت پیدا کی کہ آپؐ نے بارہا اُن کی تعریف فرمائی ۔ جب حضرت علیؓ بڑی عمر کو پہنچے ہوں گے تو اُن کواللہ تعالیٰ کے یہ فضل دیکھ کر کتنا فخر محسوس ہوتا ہوگا ۔اور اُن کی کتنی راحت ہوتی ہوگی ۔پھر ایک دفعہ جب رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کسی جنگ کے لئے باہر تشریف لے گئے ۔تو آپؐ نے حضرت علیؓ کو مدینہ میں رہنے کا حکم دیا۔ حضرت علیؓ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے ۔اور انہوں نے کہا ۔یا رسول اللہ !کیا آپؐ مجھے عورتوں اور بچوں میں چھوڑ چلے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا ۔اَلَا تَرْضیٰ اَنْ تَکُوْنَ مِنِّی بِمَنْزِلَۃِ ھَارُوْنَ مِنْ مُّوْ سیٰ(ترمذی جلد۲ابواب لمناقب)یعنی اے علی ؓ !کیا تمہیں یہ پسند نہیں کہ تمہاری مجھ سے وہی نسبت ہو جو ہارونؑ کو موسیٰؑ سے تھی ۔ یعنی ہارون ؑ کو بھی تو موسیٰؑ اپنے پیچھے چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ پھر کیا ہارون کی عزت کم ہوگئی تھی۔اب دیکھو یہ اعزاز جو حضرت علیؓ کو حاصل ہوا ۔اس کے مقابلہ میں اُن کی قربانیاں کیا چیز تھیں۔ اسی طرح اس امت کے اکثر اولیاء ؔ اور صوفیا ء حضرت علیؓ کی اولاد میں سے ہی تھے ۔ اور پھر ان کے ذریعے خدا تعالیٰ نے ایسے ایسے معجزات ظاہر کئے کہ ان کو دیکھ کر حیرت آتی ہے ۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام سے میں نے ایک دفعہ سُنا ہوا ہے ۔کہ ہارون اؔلرشید نے امام موسیٰؔ رضاؒ کو کسی وجہ سے قید کردیا ۔ اور اُن کے ہاتھو ں اور پائوں میں رسیّاں باندھ دی گئیں ۔ اُس زمانہ میں سپرنگ دار گدیلے تو نہ تھے ۔عام روٹی کے گدیلے ہوتے تھے ۔ ہارون ؔ الرشید اپنے محل میں آرام دہ گدیلوں پر سویا ہوا تھا کہ اُس نے خواب میں دیکھا کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے ہیں ۔اور آپؐ کے چہرہ پر غضب کے آثار ہیں ۔آپؐ نے فرمایا۔ ہارون ؔالرشید! تم ہم سے محبت کا دعویٰ کرتے ہو ۔مگر تمہیں شرم نہیں آتی کہ تم تو آرام دہ گدیلوں پر گہری نیند سور ہے ہو ۔اور ہمارا بچہ شدّت گرما میں ہاتھ پائوں بندھے ہوئے قید خانہ کے اندر پڑا ہے یہ نظارہ دیکھ کر ہارونؔ الرشید بیتاب ہو کر اُٹھ بیٹھا ۔اور ایک کمانڈر کو ساتھ لے کر اُسی جیل خانہ میں گیا اور اپنے ہاتھ سے اُن کے ہاتھوں اور پائوں کی رسیا ں کھولیں۔ انہوں نے ہارونؔ الرشید سے کہا ۔ آپ تو اتنے مخالف تھے اب کیا بات ہوئی کہ خود چل کر یہاں آگئے ۔ہارونؔ الرشید نے اپنا خواب سنایا اور کہا میں آپ سے معافی چاہتا ہوں ۔میں اصل حقیقت کو نہ جانتا تھا ۔ اب دیکھ اس زمانہ میں کتنا بڑا فاصلہ تھا۔ ہم نے کئی بادشاہوں کی اولادوں کو دیکھا ہے کہ وہ دربدر دھّکے کھاتی پھرتی ہیں میں خود دلّی میں ایک سقّہ دیکھا جو شاہانِ مغلیہ کی اولاد میں سے تھا۔ وہ لوگوں کو پانی پلاتا پھرتا تھا مگر خود اُس میں اتنی حیا ضرور تھی کہ مانگتا کچھ نہ تھا ۔دوری طرف حضرت علی ؓ کی اولاد کو دیکھو کہ اتنی پُشتیں گذرنے کے بعد بھی خدا تعالیٰ ایک بادشاہ کو رئویا میں ڈراتا ہے ۔اور اُن سے حُسن سلوک کرنے کی تاکید کرتا ہے ۔اگر حضرت علیؓ کو اس اعزاز کا پتہ ہوتا اور اُن کی غیب کا علم حاصل ہوتا اور وہ محض اس عزت افزائی کے لئے اسلام قبول کرتے تو ان کا ایمان صرف سودا اور دوکانداری رہ جاتا۔کسی انعام کا موجب نہ بنتا۔
اِسی طرح حضرت خدیجہؓ جب ایمان لائیں تو اُن کو کیا معلوم تھا کہ اس ایمان کے نتیجہ میں اللہ تعالیٰ نے اُن کو کیاکچھ برکات مقدّر کر رکھتی ہیں۔ بیشک انہوں نے اسلام اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت کے لئے اپنا تمام مال قربان کردیا۔ یہاں تک کہ وہ مکہ کی متمول ترین عورت ہوتے ہوئے غربت اور تنگدستی کے ساتھ اپنی زندگی بسر کرنے پر مجبورہوگئیں۔ اور پھر شعیب ابی ؔ طالب میں متواتر تین سال تک انہوںنے ایسی ایسی تکالیف برداشت کیںکہ اُنہی کے نتیجہ میں آپ وہاں سے نکلتے ہی انتقال فرماگئیںمگر اللہ تعالیٰ نے ان کی قربانیوں کو ایسا نوازا کہ آج تک عالمِ اسلام اُن کا نام عزت اور ادب کے ساتھ لے رہا ہے اور پھر اللہ تعالیٰ نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے دل میں ان کی ایسی محبت ڈالی کہ جنگ بدر میں جب رسول کریم صلی اللہ علیہ سلم کے داماد ابو العاصؔ جو ابھی تک اسلام میں داخل نہیں ہوئے تھے قید ہوکر آئے تو آپ ؐ کی صاحبزادی حضرت زینبؓ نے جو ابھی مکہ میں ہی تھیںاُن کے فدیہ کے طور پر اپنے گلے کا ہار اتارکر بھیج دیا ۔یہ وہ ہار تھا جو حضرت خدیجہؓ نے اپنی بیٹی کو جہیز میں دیا تھا ۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس ہار کو دیکھا تو آپ ؐ کو حضرت خدیجہؓ یا دآگئیں۔اور آپؐ کی آنکھوں میں آنسو ڈبڈبا آئے ۔پھر آپؐ نے صحابہ سے فرمایا۔ اگر تم چاہو تو خدیجہؓ کی یہ یادگار اُن کی بیٹی کے پاس محفوظ رہے ۔
اِسی طرح حضرت خدیجہؓ کی وفات کے کئی سال بعد رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم ایک دفعہ اپنے گھر میں تشریف رکھتے تھے ۔کہ حضرت خدیجہؓ کی بہن ہالہؓ آپؐ سے ملنے کے لئے آئیں اور دروازے پرکھڑے ہوکر انہوں نے کہا۔کیا میں اندر آسکتی ہوں ۔ہالہؓ کی آواز چونکہ اپنی بہن خدیجہؓ سے بہت کچھ ملتی جلتی تھی ۔اس لئے اس آواز کے کان میں پڑتے ہی رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے دل میں حضرت خدیجہ ؓ کی یاد تازہ ہوگئی ۔آپؐ بے تاب ہوکر کھڑے ہوگئے اور فرمایا۔آہ میرے خدا!یہ تو خدیجہؓ کی آواز معلوم ہوتی ہے ۔ پھر اللہ تعالیٰ نے اُن پر ایسا احسان کیا کہ ابراہیم ؓ کے سوا جو حضرت ماریہ قبطیہؓ کے بطن سے پید اہوئے تھے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی باقی تمام اولاد حضرت خدیجہؓ سے ہی پیدا ہوئی ۔چنانچہ حضرت خدیجہ ؓ کے بطن سے آپ کے تین لڑکے اورچار لڑکیاں پیداہوئیں ۔ لڑکے توسب کے سب بچپن میں ہی وفات پاگئے۔مگرحضرت زینبؓ حضرت رقیّہؓ،حضرت ام کلثومؓ اورحضرت فاطمہؓ چاروں لڑکیاں زندہ رہیں۔اوراسلام میں داخل ہوئیں ۔حضرت امام حسنؓ اور امام حسین ؓ حضرت فاطمۃ الزہراؓ کے بطن سے ہی پیداہوئے تھے جوحضرت خدیجہؓ کی صاحبزادی تھیں۔اورانہی کی اولاد آج سادات کہلاتی ہے۔غرض اللہ تعالیٰ نے انہیں اوران کی تمام نسل کو اپنے غیر معمولی انعامات سے نوازا۔لیکن اگر حضرت خدیجہؓ کومعلوم ہوتا کہ انہیں ایک دن یہ اعزاز حاصل ہونے والا ہے کہ تمام عالمِ اسلام انہیں اُم المومنین کہے گا اورقیامت تک ان کی نسل کو معز ز اورمکرّم قرار دیاجائے گا اوروہ اللہ تعالیٰ کے لئے نہیں بلکہ محض اس عزت اورمقام کے حصول کے لئے ایمان لاتیں توان کاایمان لاناان کے کس کام آتا ۔
اسی طرح ابوجہل جو سمجھتا تھا کہ میں محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اورآپ کے ساتھیوںکو مارڈالوں گا اوراسلام کو مٹادوں گا ۔اگر اس کو یہ علم ہوتا کہ اس کی مخالفانہ کوششوں کے باوجود اسلام دنیا میں پھیل جائے گا اوردنیا میں اس کانام *** کے ساتھ لیا جائے گا بلکہ خود اس کابیٹا اسلام میں داخل ہوجائے گا اوروہ اسلام کے لئے دشمنوں سے لڑتا ہواماراجائے گا تووہ کبھی اسلام کے خلاف اپنی آواز بلند نہ کرتا۔غرض اگرپردئہ غیب حائل نہ ہوتا تونہ اابوبکر ؓ ابو بکر ؓ ہوسکتا۔نہ اوبو جہل ابو جہل بن سکتا۔لیکن جہاںد ینی اوردنیوی کاروبار پردئہ غیب کی وجہ سے چل رہاہے وہاں مومنوںکے ایمان کی ترقی انکشافِ غیب سے تعلق رکھتی ہے ۔جب انبیا ء دنیا میں آتے اورلوگوں کو غیب کی خبریں سناتے ہیں اورپھر مخالف حالات میں ان کی بتائی ہوئی باتیں پوری ہوجاتی ہیں تودلوں میںایک نیا ایمان پیداہوجاتاہے اورخداتعالیٰ کی ہستی اس طرح عریاں ہوکر لوگوں کے سامنے آجاتی ہے کہ اس کے وجود کاکوئی دیانتدار انسان انکار نہیں کرسکتا ۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے زمانہ میں ایک دفعہ کپور تھلہ کے احمدیوں اورغیر احمدیوں کا وہاں کی ایک مسجد کے متعلق مقدمہ ہوگیا ۔ جس جج کے پاس یہ مقدمہ تھا اس نے مخالفانہ رویہ اختیارکرنا شروع کردیا ۔اس پر کپور تھلہ کی جماعت نے گھبراکر حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کودعاکے لئے خط لکھا ۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اس کے جواب میں انہیں تحریرفرمایا کہ اگر میں سچا ہوں تومسجد تم کو مل جائے گی۔مگر دوسری طرف جج نے اپنی مخالفت بدستور جاری رکھی اورآخر اس نے احمدیوں کے خلاف فیصلہ لکھ دیا ۔ مگر دوسرے دن جب وہ فیصلہ سنانے کے لئے عدالت میں جانے کی تیاری کرنے لگا توا س نوکر سے کہا ۔مجھے بوٹ پہنادو ۔نوکر نے ایک بوٹ پہنایا اوردوسر اابھی پہنا ہی رہاتھا ۔کہ کھٹ کی آواز آئی ۔اس نے اوپر دیکھا ۔توجج کا ہارٹ فیل ہوچکا تھا ۔اس کے مرنے کے بعد دوسرے جج کو مقرر کیاگیا۔اوراس نے پہلے فیصلہ کو بدل کر ہماری جماعت کے حق میں فیصلہ کردیا ۔جودوستوں کے لئے ایک بہت بڑانشان ثابت ہوا۔اوران کے ایمان آسمان تک جاپہنچے۔غرض اللہ تعالیٰ کی یہ سنت ہے کہ وہ اپنے انبیاء کے ذریعہ متواترغیب کی خبریں دیتا ہے ۔جن کے پوراہونے پر مومنوں کے ایمان اَور بھی ترقی کرجاتے ہیں۔یہ غیب کی خبروں کا ہی نتیجہ تھا کہ جو لوگ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان لائے ان کے دل اس قدر مضبوط ہوگئے کہ اورلو گ توموت کو دیکھ کر روتے ہیں ۔مگر صحابہؓ میں سے کسی کو جب خداتعالیٰ کی راہ میں جان دینے کاموقعہ ملتا تووہ خوشی سے اچھل پڑتا۔اورکہتا فُزْتُ وَربِّ الْکَعْبَۃِ۔ربِ کعبہ کی قسم! میں کامیا ب ہو گیا ۔آخریہ روح ان کے اند رکہا ں سے آگئی تھی ۔یہ وہی روح تھی جو اللہ تعالیٰ نے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو غیب کی خبریں بتابتا کر مومنوں کے اند ر بھر دی تھی ۔اگر ان پر انکشافِ غیب نہ ہوتاتووہ ا س اعلیٰ مقام پر کبھی کھڑ ے نہ ہوسکتے جس پر مسلمان پہنچے۔پس یہ دونوں چیزیں اپنی اپنی جگہ بنی نوع انسان کے لئے منفعت بخش ہیں۔غیب بھی اپنی جگہ فائدہ مندہے اورانکشافِ غیب بھی اپنی جگہ نفع رساں ہے۔ساری لذتیں غیب کے ساتھ ہیں اورساری روحانیت کشفِ غیب کے ساتھ وابستہ ہے
خداتعالیٰ کی دوسری صفت جس کی طرف ان مقطّعات میں توجہ دلائی گئی ہے وہ ا س کی صفت سمیع ہے ۔اَلسَّمِیْعُ کے معنے ہیں کہ وہ لوگوں کی دعائیں سنتا اورانہیں نرالے طور پر قبول کرتاہے اوریہ کہ اس کے سوانہ زندہ آدمی دوسروں کی دعائیں سن سکتے ہیںاور نہ مردہ۔ صرف خداہی ہے جو لوگوں کی دعائیں سنتا اوران کو قبول فرماتا ہے ۔چنانچہ دیکھ لو ۔کوئی یورپ میں دعامانگ رہاہوتاہے ۔کوئی ایشیا میں دعا مانگ رہاہوتاہے ۔کوئی چین میں مانگ رہاہوتاہے ۔کوئی جاپان میں مانگ رہاہوتاہے ۔کوئی روس میں مانگ رہاہوتا ہے۔کوئی مصر ۔شام اورفلسطین میں مانگ رہاہوتاہے ۔مگر خداان سب کی دعائیں سن رہاہوتا ہے ۔پس اس صفت کے ذریعے بنی نوع انسان کو اس امر کی طرف توجہ دلائی گئی ہے کہ تمہاراخداوہ ہے جو تمہاری دعائوں کو سننے والااورتمہار ی تمام ضروریات اورحاجات میں کام آنے والاہے تمہیں جب بھی کوئی مشکل پیش آئے ۔تمہارافرض ہے کہ تم خداتعالیٰ کے حضور جھکو ۔اوراس سے دعاکرو۔اس کے لئے کسی مال کی ضرور ت نہیں۔کسی ہنر کی ضرورت نہیں۔کسی طاقت اورقوت کی ضرورت نہیں۔اگر کسی کے دونوں ہاتھ شل ہوچکے ہوں یاکوئی شخص اتنا نحیف اورکمزور ہوچکا ہوکہ وہ چارپائی سے اٹھ کر نماز کی حرکات بھی ادانہ کرسکے۔تب بھی و ہ دعاکرسکتا ہے۔ کیونکہ دعاان چیز وںکی محتا ج نہیں ۔وہ بیشک لیٹا رہے اوراللہ تعالیٰ سے دعاکرتاچلا جائے ۔بلکہ اگر اس کی زبان پر فالج گراہواہے اوروہ دعا کے لئے اپنی زبان بھی نہیں ہلا سکتا ۔توو ہ دماغ میں ہی دعائیہ فقرات کو دوہراتا ہے اوراگر اس کادماغ بھی کام کرنے سے رہ جائے توپھر اس کا زمانہ عمل ختم ہوجاتاہے۔لیکن جب تک ایک انسان دنیا میں رہتا ہے اورانسانیت کی حدود سے وہ ادھر ادھر نہیں ہوتا اس وقت تک ایک معذور سے معذور انسان بھی اس میں حصہ لے سکتاہے یہاں تک کہ وہ گونگا جس کی زبا ن نہیں وہ بہرہ جس کے کان نہیں ۔وہ مفلوج جس کے جسم کی حِس ماری گئی ہو ۔اوروہ گوشت کا لو تھڑہ بن کر چارپائی پر پڑاہواہووہ بھی اسی جو ش و خروش سے اپنے رب سے دعاکرسکتاہے جس طرح ایک تندرست اورطاقتور انسان ۔
غرض دعاایک ایسی چیز ہے جس نے دنیا کے تمام چھوٹوں اوربڑوں اورامیروں اورغریبوں کو ایک سطح پر لاکر کھڑا کردیاہے ۔اوردعاہی وہ ہتھیا رہے جس کے متعلق خداتعالیٰ نے قرآن کریم میں فرمایاہے کہ اَمَنْ یُّجِیْبُ الْمُضْطَرَّ اِذَادَعَاہُ(نمل آیت ۶۳) وہ کو نسی ہستی ہے جو بندہ کی دعائے مضطر سن کر بیتا ب ہو جاتی اور دوڑ کر اس کے پاس آجاتی ہے ۔فرمایا ۔وہ میں ہوں۔پس یہ عمل سب اعمال سے زیادہ طاقتو ر ہے بیشک نماز بھی ایک ضروری چیز ہے۔روزہ بھی ایک ضروری چیز ہے۔زکوٰۃ بھی ایک ضروری چیز ہے ۔حج بھی ایک ضروری چیز ہے ۔جہاد بھی ایک ضروری چیز ہے ۔مگر دعاوہ عمل ہے جس کے متعلق خداتعالیٰ نے کہا ہے کہ اگر کوئی مجھے سچے دل سے پکا رے تومیں ضرور اس کے پاس پہنچ جاتاہوں ۔چنانچہ وہ فرماتا ہے ۔وَاِذَاسَاَلَکَ عِبَادِیْ عَنِّیْ فَاِنِّیْ قَرِیْبٌ۔یعنی جب کبھی میر ے بندے انسانی خدائوں سے ناامید ہوکر پوچھیں کہ ہماراآسمانی خداکہاں ہے۔ہم پر تو فرعون نے اورنمرود نے اورشدّاد نے اتنا تصرّف کرلیا ہے کہ ہماری سمجھ میں نہیں آتا کہ ہم کہاں جائیں اورکس طرح ان کے مصائب اورآفات سے رہائی حاصل کریں توتُوانہیں کہہ دے کہ تمہیں میرے پاس آنے کی ضرورت نہیں ۔اِنِّیْ قَرِیْبٌ میں خود تمہارے قریب آیاہواہوں۔اگرتمہاراباپ تمہارے کام آسکتا ۔یاتمہاراچچا تمہاری مدد کرسکتا ۔یاتمہارااَورکوئی رشتہ دار تمہارے قریب ہوتا توتمہیں دوڑ کر اس کے پاس جانا پڑتا ۔مگر اب تمہیں کہیں جانے کی ضرور ت نہیں ۔میں خود تمہارے قریب آیا ہواہوں ۔پس تمہاری فریاد سنی جانے میں کوئی وقت نہیں لگ سکتا ۔دنیا میں توتمہیں مدد حاصل کرنے کے لئے اپنے دوستوں اوررشتہ داروں کے پاس جانا پڑتا ہے ۔ مگر میں توآپ دوڑ کر تمہارے قریب آچکا ہوں پھر تمہیں کیا مشکل پیش آسکتی ہے ۔
یہ پیغام جو اسلام نے دنیا کے ہرفرد کو دیاہے اتنا اہم اوراس قدر عظیم الشان انقلاب پیداکرنے والا ہے کہ اس کی موجودگی میں دنیا کا کوئی دکھ انسان کو پریشان نہیں کرسکتا ۔دشمن خواہ آسمان سے بھی اونچے چلے جائیں اگر کو ئی شخص سچے دل سے اپنے رب کو پکا رے تواللہ تعالیٰ آسمان سے اپنا ہاتھ بڑھا کر ان کی گر دنیں مروڑ سکتا ہے۔بیشک وہ چھا ن چھان کر پانی پئیں ۔بیشک و ہ رات اوردن پرہیز کرتے رہیں اگر خداتعالیٰ ان کی ہلاکت کافیصلہ فرمادے تووہ ہیضہ یا طاعون یا انفلوئنزاکے کیڑوں کو بھی حکم دے سکتا ہے کہ تم اتنی تعداد میں فلاں شخص کے اندر داخل ہوجائو۔کہ دنیا کی کو ئی دوائی اس پر اثر نہ کرسکے اوروہ تڑپ تڑپ کر ہلاک ہوجائے اورمیرامومن بندہ خوش ہوجائے کہ میں نے اس کی مدد کی ہے۔ ایک بزرگ کاواقعہ لکھا ہیح کہ ان کے محلہ میں شاہی دربار کے بعض آدمی رات کو گانے بجانے کا شغل رکھتے تھے ۔انہوں نے کئی دفعہ سمجھا یا کہ لوگوں کی نیندیں اورنمازیں خراب ہوتی ہیں تم اس شغل کو ترک کردو ۔مگر وہ نہ مانے ۔جب انہوں نے بار بار کہا تو اس خیال کے ماتحت کہ کہیں یہ محلہ والوں سے مل کر ہمیں روکنے کاتہیہ نہ کرلیں۔انہوں نے شاہی پہرہ داروں کا انتظام کرلیا ۔جب اس بزرگ کو اطلاع ملی تو انہوں نے کہا اچھا اِنہوں نے اپنی حفاظت کے لئے فوج بلالی ہے توہم بھی رات کے تیروں ان کامقابلہ کریں گے ۔معلوم ہوتاہے ان لوگوںکے دلوں میں ابھی کچھ نیکی باقی تھی ۔جونہی ان لوگوں کے کان میں یہ آواز پڑی کہ ہم رات کے تیروں سے مقابلہ کریں گے ۔وہ دوڑتے ہوئے اس بزرگ کے پاس آئے اورکہنے لگے ۔ان تیروں کے مقابلہ کی ہم میں طاقت نہیں۔ ہم اپنے شغل سے باز آئے ۔پس دعاایک یساہتھیا رہے کہ اگر کوئی شخص کامل یقین اورپختہ ایمان کے ساتھ اس سے کام لے توبظاہر ناممکن نظر آنے والی باتیں بھی اس کے لئے ممکن ہوجاتی ہیں ۔
مجھے یادہے ایک دفعہ میں دریا پر گیا ۔بھائی عبدالرحیم صاحب جو بچپن میں میرے استاد رہے ہیں اورکچھ اَو ردوست میرے ساتھ کشتی میں سوارتھے۔جب ہم کشتی میں بیٹھے ہو ئے دریا کی سیر کررہے تھے تومیرے لڑکے ناصر احمد نے اپنے بچپن کے لحاظ سے کہا کہ ابا جان!اگر اس وقت ہمارے پاس مچھلی بھی ہوتی توبڑامزہ آتا ۔میں نے کہا ۔لوگ کہتے ہیں کہ پانیوں میں خواجہ خضر کی حکومت ہے ۔اگر خواجہ خضر کو ئی مچھلی ہماری طرف پھینک دیں توتمہاری یہ خواہش پوری ہوسکتی ہے ۔جب میں نے یہ فقرہ کہا تو بھائی عبدالرحیم صاحب جھنجھلا کرکہنے لگے کہ آپ کیسی باتیں کرتے ہیں اس بچے کی عقل ماری جا ئے گی میں نے کہا ۔ہمارے خدامیں توسب طاقتیں ہیں وہ چاہے تو ابھی مچھلی بھجوادے ۔میں نے یہ فقرہ ابھی ختم ہی کیا تھا کہ یکدم پانی کی ایک لہر اٹھی اورایک بڑی سی مچھلی کود کر ہماری کشتی میں آگری ۔میں نے کہا دیکھ لیجئے خداتعالیٰ نے اپنی قدرت نمائی کردی ۔اورہمارے دل میں جو خواہش پیداہوئی تھی و ہ اس نے پوری کردی ۔خواجہ خضر بے شک وفات پاچکے ہوں مگرہماراخداجو ہماراخالق اورمالک ہے اور سَمِیْعُ الدُّعَا ہے و ہ توزندہ ہے اوروہ ہمارے جذبات کو جانتا ہے اس نے اس خواہش کودیکھا اورمیر ی بات کو پوراکردیا ۔
اسی طرح ایک دفعہ بڑی تپش کے بعد بارش آئی جس کمرہ میں میں رہتاتھا ۔اس کی کھڑکی میں نے کھولی اوربارش کا نظارہ دیکھنے لگا ۔ چونکہ بڑی دیر کے بعد بارش آئی تھی ۔اس لئے مجھے اس بارش کا بڑا مزہ آیا ۔مگر اس روز مجھے پیچش کی شکایت تھی۔میں بھی بارش کانظارہ دیکھ ہی رہاتھا کہ مجھے اجابت محسوس ہوئی ۔جب میں جانے لگا تو بیساختہ میرے منہ سے نکلا کہ خدایا!توایسا فضل فرماکہ خواہ درمیانی عرصہ میں یہ بارش بند ہوجائے جب میں واپس آجائوں توپھر بار ش شروع ہوجائے ۔چنانچہ ایساہی ہوا۔جو نہی میں گیا ۔بارش بند ہوگئی ۔اورجب میں کمر ہ میں واپس آیا اورمیں نے دوبارہ کھڑکی کھولی تو یکدم بارش شروع ہوگئی جو آدھ گھنٹہ یاپون گھنٹہ تک جاری رہی۔اب دیکھو بار ش میرے اختیار میں نہیں تھی مگر خداتعالی نے ایسا فضل کیاکہ ادھر میں کمرہ میں پہنچا اوراُدھر بارش شروع ہوگئی۔ اسی طرح حضرت خلیفہ اول رضی اللہ عنہ کے زمانہ میں ایک جماعت نے بڑے اصرارسے مجھے اپنے پاس بلایا ۔جب میں واپس آرہاتھا تو چلتے چلتے کسی آئندہ خرچ کے خیال سے میں نے اپنی جیب میں ہاتھ ڈالاتو ایک روپیہ کم تھا۔اس وقت میں نے اللہ تعالیٰ سے دعاکی ۔کہ اللہ میاں مجھے ایک روپیہ بھیجیں۔ابھی میرے دل سے یہ دعانکل ہی رہی تھی کہ قریب کے گائوں سے ایک آدمی ہماری طرف آتا دکھائی دیا۔جماعت کے دوست جلدی سے حفاظت کے لئے میرے اردگرد جمع ہوگئے ۔میں نے کہا کیا ہوا۔کہنے لگے یہ ہمارے سلسلہ کا شدید دشمن ہے اوراحمدیوں پر اکثر حملے کرتا رہتاہے ۔ہم آپ کے گرد اس لئے کھڑے ہوگئے ہیں کہ وہ آپ کو کوئی نقصان نہ پہنچا سکے ۔جب ہم اس گائوں کے قریب پہنچے تو وہ دوڑتا ہواآیا اورمیرے ساتھیوں کو دھکا دے کرآگے بڑھا اورپھر اس نے ادب کے ساتھ میری طرف ہاتھ بڑھایااورایک روپیہ میرے ہاتھ پر رکھ کرچلا گیا ۔میں نے کہا ۔آپ لو گ کہتے تھے یہ مارنے آیاہے اوراس نے توایک روپیہ نذرانہ کے طور پر دے دیا ہے۔پھر میں نے انہیں بتایا کہ ابھی میرے دل میں خیال آیا تھا کہ خدامجھے ایک روپیہ بھیجے ۔سوخدانے اس شخص کو بھیجدیااور اس نے مجھے ایک روپیہ نذرانہ کے طور پر دے دیا۔غرض انسان کو اگر خداتعالیٰ پر کامل یقین ہو تو وہ اس کے لئے بڑے بڑے نشانا ت ظاہر کردیتا ہے ۔
حدیثوں میں آتا ہے کہ سابقہ امتوں مکیں سے ایک امت کے تین آدمی ایک دفعہ ایک طوفان میں پھنس گئے اورو ہ اس طوفان سے پناہ لینے کے لئے ایک پہاڑ کی غار میں چھپ گئے ۔اتفاقاً زور کی جو آندھی آئی توپتھر کی ایک بڑی بھاری سِل لڑھک کر اس غار کے منہ کے آگے آگئی اورنکلنے کاراستہ بند ہوگیا۔وہ ایک چھوٹی مصیبت سے بچنے کے لئے پہاڑ کی غار میں گئے مگر اس سے بڑی مصیبت میں پھنس گئے ۔اس جنگل جبکہ وہ ایک پہاڑ کی غار میں محبوس تھے کو ئی آدمی ایسانہ تھا جو انہیں اس مصیبت سے نجا ت دلاتا ۔وہ سخت گھبرائے اورجب انہیں اپنی نجات کی کوئی صورت دکھائی نہ دی ۔توایک شخص کو دعاکی تحریک ہوئی اوراس نے اپنے ساتھیوں سے کہا کہ آئو ہم نے اپنی عمر میں جو وسب سے زیادہ نیک کاکام کیا ہے اس کاواسطہ دے کر خداتعالیٰ سے کہیں کہ وہ اس پتھر کو ہٹا دے ۔تب ان میں سے ایک نے کہا کہ اے خدا!تجھے معلوم ہے کہ ایک مزدورمیرے پاس آیا ااس نے میری مزدوری کی اورپھر پیشتر اس کے کہ وہ مجھ سے اجر ت لیتا چلا گیا ۔میں نے اس کی اجرت کے پیسوں سے تجارت شروع کی اورا سمیں سے نفع اٹھاتے ہوئے ایک بکر ی خریدی اس بکری سے اور بکریاں پیداہوئیں یہاںتک کہ سینکڑوں بکریوںاوربھیڑوں کا گلہ میرے پاس ہوگیا ۔وہ کئی سال کے بعد میرے پاس آیااورکہنے لگا میری اٹھنی رہتی ہے وہ مجھے دی جائے ۔میں اسے اپنے ساتھ لے گیا ۔اورسینکڑوں بکریوںاوربھیڑوں کا گلّہ اسے دکھا کرکہا یہ تیری امانت ہے اسے لے جا ۔وہ کہنے لگا ۔مجھ سے کیوں مذاق کرتے ہو ۔میری صرف اٹھنی رہتی تھی وہ مجھے دیدو۔میں نے اسے کہا ۔اس اٹھنی سے ہی میں نے تجارت شروع کی تھی اوراب اس قدر بھیڑیں اوربکریاں ہوگئی ہیں ۔وہ کہنے لگا ۔ پھر تو یہ میری نہ ہوئیں ۔تمہاری ہوئیں ۔میں نے اسے کہا ۔نہیں میں نے اپنے لئے نہیں بلکہ تمہارے لئے تجارت کی تھی ۔تب وہ نہایت ہی حیران ہو ا۔مگر میرے مجبور کرنے پر وہ بھیڑوں اوربکریوں کے گلّوں کو ہانک کر اپنے گھر لے گیا ۔اے خدااگر میں نے یہ کام تیری رضااور خوشنودی کے لئے کیاتھا توتُو مجھ پر رحم فرما اوریہ پتھر راستہ سے ہٹا دے ۔اس دعاکے نتیجہ میں زورسے آندھی کا ایک طوفان اٹھا اور اورو ہ پتھر ذراسالڑھک گیا ۔مگر ابھی ان کے نکلنے کا راستہ نہ بنا ۔ تب دوسرے نے کہا ۔اے خدا توجانتا ہے کہ مجھے ایک لڑکی سے جو میری رشتہ دار تھی بڑی محبت تھی مگر وہ کسی طرح میرے قابو میں نہیں آتی تھی ۔ایک دفعہ ملک میں شدید قحط پڑا ۔اوروہ او راس کے رشتہ بھوکے مرنے لگے۔آخر مجبور ہوکر وہ لڑکی میرے پاس مدد کے لئے آئی ۔میں نے اسے کہا کہ میں تمہاری مدد کے لئے تو تیارہوں مگر پہلے تم میرے ساتھ ہمبستری کر و۔ وہ مجبوراً اس کام کے لئے رضامند ہوگئی ۔ جب میں اس کے قریب گیا ۔تو اس لڑکی نے کہا ۔میں تمہیں خداکاواسطہ دے کر کہتی ہوں کہ تو مجھے گناہ میں مبتلا مت کر ۔یہ سنتے ہی میں الگ ہوگیا ۔اورمیں نے کہا ۔ اب تو نے ایک بڑی ذات کا مجھے واسطہ دیا ہے میں اسی کی رضا کے لئے اس کام کو ترک کرتاہوں۔چنانچہ لڑکی اُٹھی اور اپنے گھر چلی گئی اور میں نے روپیہ بھی اسے دے دیا ۔اے خدا!اگر میں نے یہ کام محض تیری رضااور خو شنودی کے لئے کیا تھا تو تُو اس پتھر کو ہما رے راستہ سے ہٹا دے ۔تب پھر زور سے ایک طوفان اٹھا اورپتھر تھوڑاسا اورسرک گیا ۔مگر راستہ پھر بھی نہ بنا کیونکہ چٹان بہت بڑی تھی اور ابھی وہ اتنی نہیں لڑھکی تھی کہ ان کے نکلنے کا راستہ بن جاتا ۔تب تیسرا شخص خداتعالیٰ کے حضورجھکا اوراس نے کہا اے خداتجھے معلوم ہے کہ میں بکریاںچرایا کرتاہوں ۔ایک دن مجھے بکریاں چراتے چراتے دیر ہوگئی اورمیں جلدی گھر نہ پہنچ سکا۔میرے ماں باپ بہت بوڑھے تھے او ربچے چھوٹے چھوٹے ۔جب میں گھر پہنچا تو میرے ماں باپ سوچکے تھے او ربیوی بچے جاگ رہے تھے اور بھو ک کی وجہ سے میراانتظار کرہے تھے۔جب میں پہنچا تو انہوں نے کہالائوہمیں دودھ پلائو ۔تاکہ ہم دودھ پی کر سوجائیں ۔مگر میں نے کہا جب تک میرے ماں باپ دودھ نہ پی لیں ۔کسی اورکودودھ نہیں دے سکتا ۔چنانچہ میں نے دودھ کا پیالہ بھر او راپنے والدین کی پائنیتی کے پاس کھڑاہوگیا ۔میری بیوی زاری کرتی رہی اورمیرے بچے چیختے رہے ۔مگر میں نے ان کی چیخ و پکا رکی کویء پرواہ نہ کی۔ اور دودھ کا پیالہ اپنے ہاتھ میں لئے برابر کھڑا رہا۔یہاں تک کہ صبح ہوگئی اس وقت میرے والدین اٹھے تومیں نے انہیں دودھ پلا یا اور پھر اپنی بیوی اور بچوں کودودھ پلایا ۔اے خدا اگر میرایہ کام محض تیری رضا اورخوشنودی کے لئے تھا اور دنیا کی کوئی غرض اس میں نہ تھی توتومجھ پر رحم فرمااوراس پتھر کو راستہ سے ہٹادے ۔تب پھر زورکاطوفان اٹھااورپتھر لڑھک کر نیچے گر گیا ۔اوروہ تینوں شخص غار سے باہر نکل آئے ۔(ریاض الصالحین ابواب الاخلاص والنیۃ )
غر ض دعاایک بہت بڑا ہتھیا رہے جوہرمصیبت میں انسان کے کام آتا اور اسے ہرقسم کی مشکلا ت سے رہائی عطاکرتا ہے ۔اتنے بڑے ہتھیار کے ہوتے ہوئے بڑاہی نادان وہ شخص ہے جو مصیبت کے آنے پر کسی اورکی طرف بھاگے اور اس سے مدد مانگے ۔ سچا مومن وہی ہے جو اپنی ہرضرورت خداتعالیٰ سے مانگے ۔یہاں تک کہ اسے اگر اپنی جوتی کے لئے تسمہ کی بھی ضرورت ہو تو وہ بھی اللہ تعالیٰ ہی سے مانگے ۔اوراس امر پر کامل یقین رکھے کہ اللہ تعالیٰ اس کی ہرضرورت کو پوراکرنے پر قادر ہے اوروہ اسے اپنے دروازے سے کبھی خائب و خاسر واپس نہیں لوٹائے گا ۔جب مومن کے اند ریہ کیفیت پیداہوجائے تووہ سب دنیا کو بھول جاتاہے اور صرف اللہ تعالی کو ہی اپنا حقیقی کار ساز سمجھتاہے ۔میں نے پہلے بھی کئی دفعہ بیان کیا ہے کہ ہماری جماعت کے ایک دوست مولوی امام الدین صاحب جو گولیکی ضلع گجرات کے رہنے والے اورقاضی اکمل صاحب کے والد تھے اوراب فوت ہوچکے ہیں وہ صوفی منش آدمی تھے۔ اورمجھے ہمیشہ کہا کرتے ہیں کہ وہ روحانی مقام احمدیت میں نصیب نہیں ہوسکاجس کے متعلق ہم سب کچھ سنا کرتے تھے میں نے ایک دفعہ ان سے پوچھا کہ وہ کیا مقام تھا جس کا آپ ذکر سنا کرتے تھے ۔کہنے لگے ہمارے پیر صاحب کہا کرتے تھے کہ جو شخص ہماری صحبت میں چند دن رہے اسے ہم عرش پر سجد ہ کراسکتے ہیں اور وہ خداتعالیٰ کو اپنی آنکھوں سے دیکھ سکتا ہے ۔ میں احمدیت کو اپنی پہلی حالت سے بالا تو تسلیم کرتا ہوں مگر وہ نظارہ مجھے احمدیت میں نظر نہیں آتا ۔میں نے ان کو ایک لطیفہ سنایاکہ حضرت خلیفہ اول رضی اللہ عنہ فرمایاکرتے تھے کہ ایک صوفی طرز کے پیر نے جب سنا کہ میں نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بیعت کرلی ہے تواس نے اپنے ایک مریدکے ذریعہ مجھے کہلا بھیجا کہ مرزاصاحب کو مان کر اوران کی بیعت کرکے کیا حاصل ہوسکتا ہے۔اگر آپ میری بیعت کرلیں تو مجھے اتنا کمال حاصل ہے کہ میں آپ کا پہلا سجدہ کی عرش پر کروادوں ۔جب اس کے مرید نے مجھے صوفی کا یہ پیغام سنایا تومیں نے کہلا بھیجا کہ مجھے عرش پر سجدہ کرنے سے جوتیاں نہ پڑیں گی ۔خداتعالیٰ کہے گا میں نے زمین پر سجدہ کرنے کاحکم دے رکھا ہے اور تو آسمان پر سجدہ کرنے آگیاہے ۔اس پر مولوی امام الدین صاحب مرحوم کہنے لگے یہ تو ٹھیک ہے مگرا س سے میری تسلی نہیں ہوئی ۔غرض و ہ جب بھی مجھ سے ملتے اسی قسم کی بات کرتے اورمیں کسی نہ کسی رنگ میں ان کو جواب دیاکرتا مگر ان کے دل کی خلش دور نہ ہوتی ۔آخر ایک دن میں نے ان سے کہا مولوی صاحب کبھی آپ نے سوچا ہے کہ جس شخص کو خداتعالیٰ نظر آجائے اوراسے اتنے کمالات حاصل ہوجائیں کہ وہ خداتعالیٰ کے عرش پر سجدہ کرنے لگ جائے ۔توایسے آدمی کی کیا حالت ہوتی ہے ایسے آدمی کاکفیل خود خداتعالیٰ ہو جاتاہے اوراسے بندوں کی کوئی احتیاج نہیں رہتی بلکہ وہ جوکچھ مانگتا ہے خداتعالیٰ ہی سے مانگتا ہے اورچاہے بندے اس کی مدد کریں لیکن اس کی حالت یَنْصُرُکَ رِجَالٌ نُوْحِیْ اِلَیْھِمْ مِنَ السَّمَائِ کی سی ہوتی ہے ۔ اورجولوگ اس کی مدد کرتے ہیں وہ خود محتاج ہوتے ہیں ۔اسی بات کے کہ اس کی مددکریں وہ اس بات کامحتاج نہیں ہوتا کہ کوئی اس کی مدد کرے۔ایسے شخص کو کچھ دینے والا سمجھ رہاہوتاہے کہ میں اس کی مدد کررہاہوں ۔مگرلینے والا سمجھ رہاہوتا ہے کہ میں اسے سے لے کر اس پر احسان کررہاہوں ۔کیونکہ وہ جانتا ہے کہ دینے والا زید ہو یا بکر ۔اسے خداتعالیٰ نے ہی میری ضرورتوںکو پوراکرنے کے لئے بھیجا ہے۔میں کسی زید کا بکر کا ہرگز محتا ج نہیں ۔ایسے شخص کو چاہے کسی ذریعہ سے کوئی چیز پہنچے وہ سمجھتا یہی ہے کہ یہ خدانے مجھے بھیجی ہے ۔اب آپ بتائیں کہ کیا آپ کے پیر صاحب کو بھی یہ مقام حاصل تھا ۔کہ اللہ تعالیٰ ان کی تمام ضروریات کو پوراکرتاہو؟جب میں نے ان سے یہ سوال کیا تو وہ خاموش ہوگئے اورکہنے لگے کہ میں اب سمجھ گیاہوں ۔ہمارے پیرصاحب جو کہتے ہیں کہ ہم یو ں نظارے دکھاتے ہیں اورعرش پر سجد ہ کرادیتے ہیں ۔جب کبھی فصل وغیرہ کا موقعہ آتاتوزمینداروں کے پاس چلے جاتے ان سے کہتے کہ ہمارابھی خیال رکھنا ۔اب میں اس بات کو اچھی طرح سمجھ گیا ہوں کہ اگر فی الواقعہ ان کا خداتعالیٰ کے ساتھ سچاتعلق ہوتا توکسی بندے سے کیوں کہتے کہ میرابھی خیال رکھنا ۔غرض خداتعالیٰ کو اپنی آنکھوں کے ساتھ دیکھ لینے والے کے سامنے صرف خداتعالیٰ کی ہی ذات رہتی ہے اوروہ اسی سے اپنی ہرضرورت طلب کرتااوراسی کو حقیقی کارساز سمجھتاہے ۔مگرجہاں ایک مومن کے لئے یہ ضروری ہوتا ہے کہ وہ خداتعالیٰ سے ہمیشہ دعائیں مانگتا رہے وہاں اس کے لئے یہ بھی ضروری ہوتاہے کہ وہ لالچ اورحرص کے جذبات سے کلیۃً بالا رہے اورکبھی خداتعالیٰ کا شکوہ اپنی زبان پر نہ لائے ۔اللہ تعالیٰ مومنوںکو اس بارہ نصیحت کرتے ہوئے فرماتا ہے کہ لَاتَمُدَنَّ عَیْنیِْکَ اِلیٰ مَامَتَّعْنَا بِہٖٓ اَزْوَاجًامِّنْھُمْ زَھْرَۃَ الْحَیٰوۃِ الدُّنْیَالِفَفْتِنَھُمْ فِیْہِ وَرِزْقُ رَبِّکَ خَیْرٌ
وَّاَبْقٰی(سورئہ طٰہٰ آیت ۱۳۲)یعنی تم اپنی گردن لمبی کرکرکے یہ نہ دیکھا کروکہ فلاں کو جوکچھ ملا ہے وہ مجھے کیوں نہیں ملا ۔تمہیں کیا پتہ کہ اس چیز کاملنا تمہارے لئے فائدہ بخش تھا یانہیں ۔اگر وہی کچھ تمہیں مل جات توممکن تھا کہ تم تکلیف میں پڑ جاتے ۔بیشک اگر کسی کے پاس د س ارب روپیہ بھی موجود ہو تووہ یہ دعاکرسکتا ہے کہ خدایاتو میں تیرے مزید فضلوں کا محتاج ہو ںلیکن اگر کسی کے پاس دس روپے ہوں اور وہ ہروقت کُڑھتارہے اور ایک بے چینی اضطراب اس میں پایاجائے اوروہ کہے کہ فلاں کے پاس تو سوروپیہ ہے اورمیرے پاس صرف دس روپے ہیں اوروہ خداتعالیٰ کا شکوہ کرتا پھرے تویہ درست نہیں ہوگا۔پس بے شک اللہ تعالیٰ کے فضلوں اوراس کے انعاموں کو طلب کرو۔مگر ہمیشہ یہ عادت ڈالو کہ خداتعالیٰ نے تمہیں جس مقام پر رکھا ہے اس مقام کے متعلق تمہارے دل میں کبھی خفگی پیدانہ ہو ۔اورتم یہ نہ سمجھو کہ خداتعالیٰ نے تمہیں گرایاہواہے اورتمہاراغیرتم سے اچھا ہے ۔مثنوی رومی والوں نے ایک حکایت لکھی ہے ۔وہ لکھتے ہیں ۔ایک سپیراتھا جس نے ایک سانپ پکڑا جو کسی اورسپیرے کے پاس نہیں تھا ۔وہ سانپ اس نے نہایت سنبھال کر رکھا ہواتھا اس کے دوست آشنا آتے تووہ بڑے شوق سے وہ سانپ ان کو دکھا تا ۔ایک دن جووہ صبح کو اٹھا تواس نے دیکھا کہ گھڑے میں سے سانپ نکل گیا ہے ۔اتفاقاًاس کا ڈھکنا کھلا رہ گیااورسانپ نکل گیا ۔اب اسے بڑی گھبراہٹ ہوئی اوراس نے خداتعالیٰ کے حضور رونا اورچلانا شروع کردیا ۔کہ خدایامیراسانپ مجھے مل جائے ۔خدایا میراسانپ مجھے مل جائے ۔گھنٹہ دوگھنٹہ دعاکرنے کے بعد وہ گھڑ ے کامنہ کھول کر دیکھتاکہ سانپ اس میں واپس آگیاہے کہ نہیں ۔مگر سانپ کہاں آتا ۔وہ پھر دعامیں مشغول ہوجاتا اسی طرح وہ ساراد ن اورساری رات دعاکرتارہا۔جب صبح ہوئی توایک شخص آیا اوراس نے اسے آکر کہا کہ فلاں گھر میں چلئے وہاں ایک نئی قسم کے سانپ نے ایک شخص کوکاٹا ہے اوروہ مرگیا ہے ۔سب سپیرے وہاں ہیں سانپ پکڑاہواہے اورآپ کو بھی بلایا گیاہے تاکہ آپ اس سانپ کو دیکھ لیں ۔جب وہ گیا اوراس نے سانپ دیکھا تووہ وہی تھا جواس کے گھر سے بھاگاتھا اورجس کے لئے چوبیس گھنٹے سے دعاکررہاتھا ۔معلوم ہوتا ہے اس کے اندر کوئی نیکی تھی جو اللہ تعالیٰ کو پسند آگئی ۔سانپ اس کے گھر سے بھا گا اوردوسرے گھر میں چلا گیا ۔دوسرا شخص یہ سمجھ کر کہ یہ نئی قسم کاسانپ ہے اسے پکڑنے لگا توسانپ نے اسے ڈسا اور وہ مر گیا جب اس نے یہ نظارہ دیکھا تو وہ پھر اللہ تعالیٰ کے حضورسجدہ میں گر گیااورکہنے لگا خدایا میں توسمجھتاتھاکہ تونے میری دعانہیں سنی ۔مگر درحقیقت تونے میری دعاسن لی تھی اوراس کانہ ملنا ہی میرے لئے مفید اوربابر کت تھا ۔توہزاروں دفعہ انسان ایسی خواہشیں کرتاہے جو مضر ہوتی ہیں ۔اولادیں ہی بعض دفعہ ایسی گندی نکلتی ہیں کہ وہ انسان کے لئے بدنامی کاباعث بن جاتی ہیں اوروہ ان کو دیکھ دیکھ کر روتا ہے۔ آخر اتنا توسوچوکہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی جب شادی ہوئی تو وہ بھی یہ دعاکرتے ہوں گے کہ اللہ میاں ہمیں اپنے فضل سے بیٹا دے ۔مگر ظاہر ہے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی والدہ بھی ایک غریب گھرانے سے تھیں اورآپ کے والد بھی کوئی مالدارآدمی نہ تھے۔ ان کی شادی بہت معمولی سرمایہ سے ہوئی ہوگی ۔اورصرف چند آدمی ہوں گے جو اس شادی میں شریک ہوئے ہوں گے لیکن اس کے مقابلہ میں ابو جہل کے باپ کی جب شادی ہوئی ہوگی توکس دھوم دھڑکے سے ہوئی ہوگی اورکس طرح سات سات آٹھ آٹھ دن تک اونٹ ذبح کرکرکے مکہ والوں کی ضیافتیں کی گئی ہوں گی ۔لیکن اس دھوم دھڑکے کی شادی سے ابو جہل پیدا ہوااوراس چپ چپاتے کی شادی سے محمد رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم پیداہوئے ۔بظاہر ابوجہل کے باپ کی شادی پردنیا کہتی ہو گی کہ کیا برکت والا گھر ہے ۔او رمحمد صلی اللہ علیہ وسلم کے باپ کی شادی پر دنیا کو رحم آتا ہوگا اوروہ کہتے ہوں گے کہ کیسا غریب گھرانہ ہے ۔ مگر اس وقت کسی کے واہمہ اورگمان میں بھی یہ بات نہیں آسکتی تھی کہ جسے یہ برکت والا گھر سمجھا جاتاہے وہ عرب کو تباہ کرکے رکھ د ے گا اورجس کو قابل رحم سمجھاجاتاہے ان کی شادی کے نتیجہ میں وہ وجود پیدا ہونے والا ہے جو نہ اصرف عرب کو تباہی سے بچانے والاہو گا بلکہ وہ ساری دنیا کے لئے رحمت اوربرکت کا موجب ہوگا ۔
غرض کوئی انسان نہیں جانتا کہ وہ جو کچھ اپنے لئے مانگ رہاہے وہ اس کے لئے مفید بھی ہوگا یانہیں۔اس بات کاعلم صرف خداتعالیٰ کو ہی ہوتا ہے اورجب انسان اس قدر محدود علم رکھنے والا ہے تووہ خداتعالیٰ کے کسی سلوک کو یااس کی عطاکردہ نعمت کو براکیوں سمجھے ۔بیشک وہ حضرت موسیٰؑ کی طرح یہ بھی کہے کہ الٰہی تیری طرف سے جوبھی خیر نازل ہو اس کا میں محتاج ہوں ۔اگروہ دس کروڑ دے توتم کہو کہ الٰہی میں دس ارب کامحتاج ہوں لیکن یہ نہ کہو کہ مجھ پر کتنی سختی ہوئی ہے کتنا ظلم ہواہے کتنی تکلیف میں میں مبتلاہو ں۔کیونکہ اس طرح خداتعالیٰ کی نعمتوں کی ناشکری ہوتی ہے جوجائز نہیں۔
تیسری صفت جس کی طرف ان مقطّعات میں توجہ دلائی گئی ہے وہ مجید کی صفت ہے ۔مجید کے معنے یہ ہیں کہ خداتعالی بڑی بزرگی اورشان رکھنے والاہے ۔قرآن کریم نے ایک دوسرے مقام پراللہ تعالیٰ کی اس صفت کی طرف ان الفاظ میں بھی اشار ہ فرمایا ہے کہ کُلَّ یَوْمٍ ھُوَفِیْ شَانٍ(الرحمن ع ۲)یعنی تمہاراخداوہ ہے جو ہروقت ایک نئی شان میں جلوہ گرہوتاہے اورہمیشہ اپنے ایسے نشانات ظاہرکرتا ہے جن سے ا س کی اعلیٰ و ارفع شان دنیا پر ظاہر ہوتی ہے حقیقت یہ ہے کہ دیکھی ہوئی چیز کو دوبارہ دیکھنا انسان کو کوئی خاص لطف نہیں دیتا ۔انسانی فطرت میں اللہ تعالیٰ نے جدت کامادہ رکھا ہواہے اوروہ چاہتا ہے کہ نئے نئے جلوے اس کے سامنے ظاہر ہوں ۔جب ریل گاڑی جاری ہو ئی توشروع شروع میں لوگ اسے عجوبہ سمجھتے ہوئے اس پر پھولوں کے ہار ڈالتے تھے لیکن آہستہ آہستہ ان کا جوش ختم ہو گیا ۔پھر ہوائی جہاز اوردوسری سواریاں نکلیں۔توان کی طرف متوجہ ہوگئے۔غرض فطرت انسانی کو ہمیشہ نئی چیزوں سے لطف آتاہے اوروہ نئی نئی چیزوں سے تسلی پاتی ہے ۔کیونکہ جب وہ کوئی نئی چیز دیکھتا ہے توایک نئی امید اس کے اند ر پیداہوجاتی ہے ۔اوروہ سمجھتا ہے کہ شاید کوئی نیا جلو ہ مجھے نظر آنے لگا ہے۔ اسی فطرت کے تقاضہ کو پوراکرنے کے لئے اللہ تعالیٰ کی طرف سے موسم بدلتے ہیں اورنئے نئے پھل پیداہوتے ہیں ۔اورانسان بیھ اکبھی اپنے لباس میں تغیر کرتاہے کبھی مکا ن میں اورکبھی نئے نئے کھانے تیار کرتاہے کیونکہ نئی چیز سے انسانی فطرت تسکین پاتی اورایک لطیف حظ محسوس کرتی ہے ۔اسی فطری تقاضا کے مطابق مجھے قرآن پڑھ کر بھی بڑامزہ آتا ہے ۔لیکن جب رات کو خداتعالیٰ میرے کان میں کویء بات کہتاہے توکچھ نہ پوچھو کہ اس کا کیا مزہ ہوتا ہے۔کیونکہ وہ ایک نئی چیز ہوتی ہے جو دل کو لذت او رسرور سے بھر دیتی ہے ۔غرض اسلام بتا تا ہے کہ تمہاراخدامجید ہے اوروہ ہمیشہ اپنی ایسی قدرتیں ظاہرکرتا ہے جن سے اس کی اعلیٰ خان اورمجد کااظہار ہوتاہے ۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو ہی دیکھ لو کسرہ نے یہودیوں کی انگیخت پر گورنریمن کو آرڈ ربھجوایا۔کہ عرب میں جو ایک نیا مدعی نبوت پیداہواہے اسے گرفتار کرکے میرے پاس بھجوادیاجائے ۔گورنر یمن نے آپ کی گرفتاری کے لئے اپنے سپاہی بھجوادیئے اورانہیں کہا کہ میری طرف انہیں پیغام دیدیا جائے کہ مجھے تومعلوم نہیں کہ آپ کاکیا قصور ہے لیکن بہتر یہی ہے کہ آپ آجائیں ۔ورنہ ممکن ہے کہ کسرہ کی فوجیں عرب پر دھاوابول دیں اورساراملک ایک مصیبت میں گرفتارہوجائے۔جب وہ پیغامبر آپ کی خدمت میں حاضر ہوئے اورانہوں نے آپ کواپنے ساتھ چلنے کو کہا توآپ نے فرمایا ٹھہرومیں تمہیں پھر جواب دوں گا ۔چنانچہ وہ دودن ٹھہرے اورپھر حاضر ہوئے ۔آپ نے فرمایاایک دن اورٹھہر جائو ۔تیسرے دن جب وہ آپ سے ملے تو آپ نے فرمایا۔جائو اپنے گورنرسے کہہ دوآج رات میرے خدانے تمہارے خداوند کو مار ڈالا ہے ۔وہ سخت حیران ہوئے کہ آپ نے یہ کیا بات کہی ہے اورانہوں نے پھر آ پ سے ساتھ چلنے کی درخواست کی ۔مگر آپ نے فرمایا میں نے تمیں جواب دیدیا ہے ۔جائو اوراپنے گورنرسے یہ بات کہہ دو ۔چنانچہ انہوں نے واپس جاکر گورنرسے یہی بات کہہ دی ۔گورنر یمن نے یہ بات سنی تو وہ کہنے لگا کہ یاتویہ شخص پاگل ہے اوریا پھر خداکاسچا نبی ہے ۔ہم چند دن انتظارکرتے ہیں اوردیکھتے ہیں کہ اس کی یہ بات سچی ثابت ہوتی ہے یانہیں۔چنانچہ تھوڑے ہی دنوں کے بعد یمن کی بندر گاہ پر ایک جہاز لنگر انداز ہوا۔ اوراس میں سے ایک سفیر اُترا ۔جو گورنر یمن کے نام ایک سربمہر لفافہ لایا۔گورنر یمن نے لفافہ دیکھا تو اس پر ایک نئے بادشا ہ کی مہر تھی ۔اس نے وہ مہر دیکھتے ہی اپنے درباریوںسے کہا کہ عرب کے نبی کی بات سچ معلوم ہوتی ہے ۔پھر اس نے خط کھولا تو وہ کسریٰ کے بیٹے شیرویہ کا تھا اوراس کا مضمون یہ اتھا کہ ہماراباپ سخت ظالم تھا اوراس نے تمام ملک میں تباہی مچا رکھی تھی میں نے اسے فلاں رات قتل کردیا ہے اوراب میں اس کی جگہ تخت حکومت پر بیٹھا ہوں۔تمہارافرض ہے کہ تم اپنی مملکت کے تمام لوگوں سے میری اطاعت کا اقرار لو اورمجھے یہ بھی معلوم ہواہے کہ اس نے جوسفاکیاں کی تھیںان میں سے ایک یہ بھی سفاکی تھی کہ اس نے عرب کے ایک مدعی نبوت کے متعلق لکھا تھا کہ اسے گرفتار کرکے میرے پا س بھجوادیاجائے ۔ہم اس حکم کو بھی منسوخ کرتے ہیں ۔(طبری جلد ۳ص ۱۵۸۳و ۱۵۸۴)۔اب دیکھو کسریٰ نے چاہاکہ وہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو گرفتارکرکے آپ کو سزادے اوراس طرح دنیا میں آپ کو ذلیل کرے مگرمجید خدانے آپ کی بزرگی اورعظمت کو اوربھی دوبالا کردیا اورکسریٰ کو اس کے اپنے بیٹے کے ہاتھو ں قتل کروادیا۔
اسی طرح حضرت نظام الدین صاحب اولیاءؒجودِلّی کے ایک بہت بڑے بزرگ گذرے ہیں ۔ان کے زمانہ کا بھی ایک بادشاہ غیاث الدین تغلق ان کامخالف ہوگیا ۔وہ اس وقت بنگال کی طرف کسی جنگ پر جارہاتھا ۔اس نے کہا جب میں واپس آئوں گا تو انہیں سزادوں گا ۔ان کے مریدوں نے یہ بات سنی توبڑے گھبرائے اورانہوں نے شاہ صاحب سے آکر کہا کہ حضورجو لوگ شاہی دربار میں رسوح رکھتے ہیں اگر ان کی ذریعہ بادشاہ کے پاس سفارش ہوجائے تو بہتر ہوگا ۔آپ نے فرمایا۔ہنوز دِلّی دوراست ۔ابھی تواس نے لڑائی کے لئے جانا ہے اورپھر دشمن سے جنگ کرنی ہے ابھی سے فکر کی کیا ضرورت ہے ۔اس وقت تووہ دلی میں موجود ہے اورلڑائی کے لئے گیا بھی نہیں۔پھر آٹھ دس دن اَورگذرگئے ۔تومرید پھر گھبرائے ہوئے آپ کے پاس آئے ۔اورکہا ۔حضور اب تو آٹھ دس دن گذر چکے ہیں اوربادشاہ لڑائی کے لئے جاچکا ہے ۔اب توکو ئی علاج سوچنا چاہیئے ۔مگر آپ نے پھر وہی جواب دیا کہ ہنوز دلی دوراست۔آخر جس جنگ پر وہ گیا تھا اس کے متعلق خبر آگئی کہ اس میںبادشاہ کو فتح حاصل ہوگئی ہے اورو ہ واپس آرہاہے ۔ مرید پھر گھبرائے ہوئے آپ کے پاس پہنچے اوربادشاہ کی واپسی کی خبر دی ۔مگر آپ نے پھر یہی جواب دیاکہ ہنوز دلی دور است ۔ابھی تو وہ دوچار سومیل کے فاصلہ پر ہے ۔ابھی کسی فکر کیاضرورت ہے ۔جب وہ آٹھ دس منزل کے فاصلہ پر پہنچ گیا تووہ پھر آئے اورانہوں نے کہا کہ اب تو و ہ بہت قریب آگیا ہے ۔آپ نے فرمایا ۔ہنوز دلی دور است۔جب و ہ اورزیادہ قریب آگیا اوردوتین منزل تک پہنچ گیا توپھر آ پ کے مرید سخت گھبراہٹ کی حالت میں آپ کے پاس پہنچے مگر اپ نے پھر یہی جواب دیا کہ ہنوز دلی دو ر است ۔آخر ایک دن پتہ چلا کہ بادشاہ کی فوجیں فصیل کے باہر ٹھہر گئی ہیں ۔ان کے مرید یہ خبر سن کر پھر آپ کے پاس آئے اورکہا ۔حضور اب تو وہ دلی کی فصیلوں تک آپہنچا ہے ۔آپ نے فرمایا ۔ہنوز دلی دور است ۔ابھی تو وہ فصیل کے باہر ہے ۔اندرتوداخل نہیں ہواکہ ہمیں گھبراہٹ ہو۔اسی رات ولی عہد نے فتح کی خوشی میں ایک بہت بڑی دعوت کی اورشاہانہ جشن منایا ہزاروں لو گ اس دعوت اوررقص و سرود کی محفل میں شریک ہوئے ۔ولی عہد نے اس دعو ت کا انتظام ایک بہت بڑے محل کی چھت پر کیا تھا ۔چونکہ چھت پر بہت زیادہ لوگ اکٹھے ہو گئے تھے اس لئے اچانک چھت نیچے آگری ۔اورباد شاہ اوراس کے رفقاء سب د ب کر ہلا ک ہوگئے ۔ صبح بادشاہ کی موت کی خبر آئی ۔توانہوں نے کہا ۔کیا میں نے تمہیں نہیں کہا تھا کہ ہنوز دلی دور است۔ ۱؎
غرض ہمار اخدا بڑی بزر گ شان والا ہے اورجو بھی اس کے ساتھ سچا تعلق پیدا کرتا ہے و ہ اپنی اپنی رووحانیت اور درجہ کے مطابق بزرگی حاصل کرلیتا ہے ۔اورجس اطرح خداتعالیٰ کی شان اورعظمت پر حملہ کرنے والاسزاپاتا ہے اسی طرح و ہ لو گ جو خداتعالیٰ کے مقربین پر حملہ کرتے ہیں وہ بھی اپنے کئے کی سزاپائے بغیر نہیں رہتے ۔
دنیا میں ہزارہا انبیاء گذرے ہیں جن میں سے اکثر کے نام بھی ہمیں معلوم نہیں۔ان کے جسم ہزاروں من مٹی کے نیچے مدفون ہیں اوران کی اپنی قائم کردہ جماعتیں بھی دنیا میں موجود نہیں ۔مگرچونکہ وہ ایک خدائے بزرگ و برتر کی طرف سے کھڑے ہوئے تھے اس لئے خدانے انہیں ایسی بزرگی عطا فرمائی کہ آج بھی اگر کوئی ان کی ہتک کرتاہے توخداآسمان سے ان کی مدد کے لئے دوڑاچلا آتا ہے اوران کی عزت او ر شہرت پر لگایا جا نے والاہرداغ مٹاکر رکھ دیتا ہے۔
غرض طٰسٓمٓ میں اللہ تعالی کی تین صفات لطیف ،سمیع اورمجید کی طرف توجہ دلائی گئی ہے اوربتایا گیا ہے کہ اس سورۃ میں خداتعالیٰ کے عالم اسرار ہونے اس کے محسن عظیم ہونے اوراس کے سمیع الدُّعاہونے اوراس کے صاحب عظمت و جبروت ہونے پر روشنی ڈالی
۱؎ ۔’’مشاہیر اسلام ‘‘شائع کردہ ادارہ صو فی ص ۱۵،۱۶ و تذکرۃ الاولیا ء حصہ دوم مصنفہ رئیس احمد جعفری ص ۳۴۲۔
گئی ہے اوران صفات کو واقعات کے رنگ میں ثابت کیاگیا ہے۔چنانچہ اس کے ثبوت میں پہلی بات ہی اللہ تعالیٰ نے یہ بیان فرمائی ہے کہ تِلْکَ اٰیَاتُ الْکِتٰبِ الْمُبِیْن یہ آیات ایک ایسی کتاب کی ہیں جو ہرایک حقیقت کو خو ب کھول کر بیان کرنے والی ہے اوریہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اس کتاب کو نازل کرنے والاخداانسان کی تمام ضروریات کو جانتااوراس کی فطرت کے مخفی اسرار تک سے آگاہ ہے ۔
قرآن کریم کے مطالعہ سے یہ معلوم ہوتاہے کہ اس میں مبین کالفظ رسول کریم صلکی اللہ علیہ وسلم کے متعلق بھی استعمال ہواہے ۱؎۔نور کے متعلق بھی استعما ل ہواہے ۲؎۔فضل کے متعلق بھی استعمال ہواہے ۳؎۔حق کے متعلق بھی استعمال ہواہے ۴؎۔اسی طرح اورکئی چیز وں کے متعلق بھی استعمال ہواہے ۔مگرکسی الہامی صحیفہ کے متعلق سوائے قرآن کریم کے مبین کا لفظ استعمال نہیں ہوا۔حضر ت موسیٰ علیہ السلام کی کتاب کے متعلق صرف ایک د فعہ یہ مضمون بیان ہواہے مگر وہاں مستبین کالفظ استعمال کیاگیاہے نہ کہ مبین کا ۔چنانچہ اللہ تعالیٰ فرماتاہے وَاٰتَیْنَھُمَا الْکِتٰبَ الْمُسْتَبِیْنَ( اَلصّٰفّٰت ع ۴)ہم نے موسیٰؑ اورہارونؑ دونوں کو ایک کامل کتاب دی جس می تمام احکام بیان کئے گئے تھے ۔اس سے صاف معلوم ہوتاہے کہ قرآن کریم دونوںمضمونوں میں فرق کرتاہے ۔قرآن کریم میں یہ لفظ اس کی نسبت بارہ دفعہ استعمال ہواہے ۔دس دفعہ کتا ب کے ساتھ اوردودفعہ قرآن کے لفظ کے ساتھ۔پس ایک جگہ مستبین اوردوسری جگہ مبین کالفظ استعمال کرنے سے صاف معلوم ہوتاہے کہ ایک جگہ وضاحت اوردوسری جگہ وضاحت اور ایضاح کی طرف اشارہ کرنامقصودہے۔کیونکہ اِستبان کے معنے واضح ہوجانے کے ہیں اوراَبَانَ کے معنے واضح ہونے کے بھی ہیں اورواضح کردینے کے بھی ہیں۔پس قرآن کریم کے متعلق مبین کالفظ استعمال فرماکر اللہ تعالیٰ نے اس امر کی طرف اشارہ فرمایا ہے کہ قرآن کریم کودوسری کتب پر یہ ایک زائد فضیلت حاصل ہے ۔کہ وہ نہ صرف خو د اپنے مطالب کے لحاظ سے واضح ہے اورایسی صداقتیں بیان کرتاہے جوایک ثابت شدہ حقیقت ہوتی ہیں بلکہ وہ موضح بھی ہے یعنی وہ دوسری الہامی کتب کی صداقتوں کو بھی
واضح کرتاہے ۔اوریہ ایک ایسی فضیلت قرآن کریم کو حاصل ہے جس میں اس کے ساتھ اورکوئی کتاب شامل نہیں باقی جس قدر الہامی کتب ہیں ان کا صرف اس قد رکام تھا کہ وہ اپنے مطالب کو واضح کردیتیں اوراپنے مدعاکوظاہر کردیتیں۔کیونکہ وہ صرف ایک ایک قوم کی ہدایت کے لئے نازل ہوئی تھیںان کواس سے کوئی تعلق نہیں تھا کہ باقی کتب جھو ٹی ثابت ہوتی ہیں یا سچی۔باقی انبیاء جھوٹے ثابت ہوتے ہیں یا سچے ۔باقی قومیں خداتعالیٰ کے نور کی وارث ثابت ہوتی ہیں یامحروم ثابت ہوتی ہیں۔وہ صرف اپنے ذکر کولے لیتی تھیں یااپنے حلقہ اوردائرہ تک محدود رہتی تھیں لیکن قرآن کریم چونکہ سب اقوام کو ایک نقطئہ مرکزی پر جمع کرنے کے لئے آیا ہے وہ نہ صرف بنی نوع انسان سے تعلق رکھنے والے تمام احکام کو پوری تفصیل کے ساتھ بیان کرتاہے اوران کے ہر گوشہ کو بے نقاب کرتا ہے بلکہ وہ پہلی کتابو ںکی حقیقت کو بھی ظاہرکرتاہے اورپہلے نبیوں پر عائد شدہ الزاموںکو دور کرتاہے اورپہلی کتب کی کوتاہیوں کو دلائل کے ذریعہ اعتراضات سے پاک کرتاہے ۔مثلاً انسانی فطرت کے ارتقاء کی طرف اشارہ کرکے یالوگوں کی دست اندازی کی طر ف اشارہ کرکے یالوگوںکے استنباط کو غلط بتاکر ۔غرض وہ پہلے نبیوں پہلی کتب اورپہلی اقوام کی خوبیوں کو بھی واضح کرتاہے اوران پر عائد
۱؎ ۔زخر ف آیت ۳۰ و دُخان آیت ۱۴ ۲؎ ۔نساء آیت ۱۷۵ ۳؎ نمل آیت ۱۷ ۔ ۴؎ ۔نو رآیت ۲۶
ہونے والے اعتراضات کو بھی ردّ کرتاہے اس طرح و ہ گویامستبین کے مقام سے نکل کر مبین کے مقام تک پہنچ جا تاہے ۔اس کی مثال کے طور پر دیکھ لو بنی اسرائیل جب مصر سے نکل کرکنعان کی طر ف آئے توبائیبل بتاتی ہے کہ بنی اسرائیل کے بیس سال سے زائد عمرکے لڑنے کے قابل مردوں کی تعداد بارھویں قبیلہ کو چھو ڑکر جن کی گنتی نہیں کی گئی تھی چھ لاکھ تین ہزار پانچ سو پچا س تھی ۱؎۔اگر بارھویں قبیلہ کا بھی اندازہ کرلیا جائے توہم کہہ سکتے ہیں کہ فوجی خدمات سرانجا م دینے کے قابل مرد ساڑھے چھ لاکھ تھے۔اگرعورتوں بچوں اور بوڑھو ںکی تعداد معلوم کرنے کے لئے ہم اس تعداد کو دس گناکرلیں کیونکہ عام طورپر چھ سے دس فیصدی تک ملک کی آبادی جنگی خدمت کے قابل سمجھی جاتی ہے تویہ تعداد ساٹھ لاکھ تک پہنچ جاتی ہے۔مگرعقل اس امر کو تسلیم نہیں کرسکتی کہ بنی اسرائیل ساٹھ لاکھ ہوں۔کیونکہ اول تواتنے آدمی مصر سے اتنے قلیل عرصہ میں نکل ہی نہیں سکتے تھے جتنے قلیل عر صہ میں وہ نکلے دوسرے یرونؔپارکی بستی جس میں وہ آکر بسے ہیں اس قدر آبادی کی متحمل ہی نہیں ہوسکتی تھی ۔اب بھی فلسطین کی آبادی پندرہ لاکھ ہے ۔حالانکہ اب یہودیوں نے امریکہ کی مدد سے اسے آباد کیاہے ۔پس اس ملک میں جو پہلے سے آباد تھا ۔ ساٹھ لاکھ آدمیوں کاآکر بس جانا بالکل خلاف عقل بات ہے۔ پس بائیبل بنی اسرائیل کی جو تعداد بناتی ہے ۔وہ عقلی لحاظ سے کسی صورت میں بھی قابل قبول نہیں سمجھی جاسکتی مگر قرآن کریم نے آکر بتایاکہ یہ با ت غلط ہے ۔وہ لو گ صرف چند ہزار تھے ۔چنانچہ اللہ تعالیٰ فرماتاہے اَلَمْ تَرَ اِلَی الَّذِیْنَ خَرَجُوْا مِنْ دِیَارِھِمْ وَھُمْ اُلُوْفٌ حَذَ رَ الْمَوْتِ۔(بقرہ آیت ۲۴۴)یعنی کیا تجھے ان لوگوں کاحال معلوم نہیں جواپنے گھروں سے موت کے ڈ رسے نکلے جبکہ وہ چند ہزار تھے ۔پس بائیبل نے تویہ بتایا کہ بنی اسرائیل لاکھوں کی تعداد میں مصر سے نکلے تھے ۔لیکن قرآن کریم نے اس غلطی کی اصلاح کی اوربتایاکہ وہ لاکھوں نہیں بلکہ ہزاروں تھے۔
اسی طرح حضرت سلیمانؑ خداتعالیٰ کے ایک مقدس نبی تھے مگر بائیبل نے ان پر شرک کا الزام لگادیااورکہا کہ
’’جب سلیمان بُڈھا ہوگیا تواس کی بیویوں نے اس کے دل کو غیر معبودوں کی طرف مائل کرلیا اوراس کا دل خداوند اپنے خداکے
ساتھ کامل نہ رہا ‘‘ (نمبر ۱ صلاطین باب ۱۱آیت ۴و ۵)
پھر لکھا ہے :۔
’’ خداوند سلیمان سے ناراض ہوا کیونکہ اُس کا دل خداوند اسرائیل کے خدا سے پھر گیا تھا ۔‘‘
پھر یہ شرک سلیمانؑ نے ایسی حالت میں کیا جبکہ خدا تعالیٰ نے دوباردکھائی دے کر اُس کو اس بات کا حکم کیا تھا کہ وہ غیر معبودوں کی پیروی نہ کرے ۔پر اُس نے وہ بات نہ مانی جس کا حکم خداوند نے دیا تھا۔‘‘(۱۔سلاطین باب۱۱ آیت ۹,۱۰)
گویا سلیمانؑ نعوذ باللہ اتنا خطرناک کافر تھا کہ دودفعہ خدا اُس پر ظاہر ہوا اور دودفعہ اُس نے ظاہر ہو کر کہا ۔کہ دیکھنا غیر معبودوں کی پرستش نہ کرنا ۔مگر پھر بھی وہ اپنی بیویوں کے حسن کو دیکھ کر ایسا فریفتہ ہوا کہ اس نے غیر معبودوں کے لئے مندر بنائے اور انکے آگے سجدہ کرنے لگ گیا مگر قرآن کریم نے آکر بتایا کہ وماکفر سلیمان ولکن الشاطین کفروا( بقرہ آیت ۱۰۳)سلیمان نے کفر کی کوئی بات نہیںکی بلکہ اس پر الزام لگانے والے اوراسے کافر اور مشرک قرار دینے والے خود کافر اور بے
۱؎۔گنتی باب ۲ آیت ۳۲
ایمان تھے چنانچہ تاریخی شہادتیں بھی یہی بتاتی ہیں کہ جو قرآن نے بات کہی ہے وہی ٹھیک ہے اور بائبل کی بات غلط ہے ۔چنانچہ انسائیکلو پیڈیا ببلیکامیں لکھا ہے ۔
یہ بات صحیح ہے کہ حضرت سلیمان ؑ کی بہت سی بیویاں تھیں کچھ اسرائیلی اور کچھ غیر اسرائیلی ۔لیکن نہ تو انہوں نے ان سب کے لئے قربان گاہیں بنائی تھیں اور نہ انہوں نے اپنی بیویوں کے دیوتائوں کی عبادت کو کبھی خداتعالیٰ کی عبادت کے ساتھ ملایاتھا ۔آپ خداتعالیٰ کی وحدانیت کے انکار کاکبھی تصور بھی نہیں کرسکتے تھے
گویا تاریخ نے تسلیم کرلیا کہ بے شک حضرت سلیمان علیہ السلام کی کئی بیویاںتھیں کچھ یہودی اور کچھ غیر یہودی مگر یہ غلط ہے کہ انہوں نے بت خانے بنائے اور پھر یہ بھی جھوٹ ہے کہ انہوں نے کبھی کسی بت سو سجدہ کیاہو ۔اب دیکھو بائبل توکہتی ہے کہ انہوں نے بتوں کو سجدے کئے اور قرآن کہتاہے کہ نہیں کئے اور آج کایہودی محقق اور آج کا عیسائی محقق بھی کہتاہے کہ بائبل جھوٹ کہتی ہے سچی بات وہی ہے جو قرآن کہہ رہاہے ۔
پھر بائبل میں حضرت ہارون علیہ السلام کے متعلق کہا گیا ہے کہ انہوں نے بنی اسرائیل کو بچھڑابنا کردیا اور انہیں شرک کی راہ پر چلایا ۔چنانچہ بائبل میںلکھا ہے ۔
’’اور جب لوگوں نے دیکھا کہ موسی نے پہاڑ سے اترنے میں دیر لگائی تووہ ہارون کے پاس جمع ہوکراس سے کہنے لگے کہ اٹھ ہمارے لئے دیوتا بنادے ۔جو ہمارے آگے آگے چلے کیونکہ ہم نہیں جانتے کہ اس مرد موسیٰ کو جوہم کوملک مصر سے نکال لایاکیاہوگیا ہارون نے ان سے کہا ۔تمہاری بیویوں اور لڑکوں اور لڑکیوں کے کانوں میں جو سونے کی بالیاں ہیں ان کو اتار کرمیرے پاس لے آئو ۔چنانچہ سب لوگ ان کے کانوں سے سونے کی بالیاں اتار اتار کران کو ہارون کے پاس لے آئے اور اس نے ان کو ان کے ہاتھوں سے لے کر ایک ڈھالا ہوا بچھڑا بنایا جس کی صورت چھینی سے ٹھیک کی۔ تب وہ کہنے لگے اے اسرائیل یہی تیرا وہ دیوتا ہے جو تجھ کو ملک مصر سے نکال لایا‘‘(خروج باب ۳۲آیت ۱تا۴)
مگر قرآن نے آکر بتایاکہ یہ بالکل غلط بات ہے۔حضرت ہارون علیہ السلام نے اپنی قوم کو شرک سے بڑی سختی کے ساتھ روکاتھا اور کہاتھا کہ یاقوم انّما فتنتم بہ وانّ ربّکم الرّحمٰن فاتّبعونی واطیعواامری(طٰہٰ آیت۹۱) یعنی اے میری قوم اس بچھڑے کے ذریعہ تمہاراایمان خراب کردیا گیاہے اور تمہارا رب تو رحمان ہے اور یہ ایک ذلیل اور بیجان بچھڑا ہے ۔پس تم میری فرمانبرداری کرو ۔اور میرے پیچھے چلوسامری کے پیچھے نہ چلوجس نے تمہیںاس شرک کی طرف مائل کیا ہے ۔غرض بائبل نے خداتعالیٰ کے ایک مقدس نبی ہارون ؑ کو داغدار قرار دیا ہے مگر قرآن کریم جو مبین کے مقام پر ہے اس نے آکر بتایا کہ یہ بالکل جھوٹ ہے خداتعالیٰ کافرستادہ ہارون ؑ اپنی قوم کو ہمیشہ توحید کا ہی وعظ کرتا رہا ۔ یہ قوم کی بدبختی تھی کہ وہ سامری کے پیچھے چل پڑی اور اُس نے ایک بچھڑے کی پرستش شروع کردی ۔
حضرت عیسیٰ علیہ السلام پربھی یہودیوں اور عیسائیوں نے بعض خطرناک الزامات لگائے تھے جن کی قرآن کریم نے بڑے زور سے تردید کی اور بتایا کہ وہ تمام ازامات دشمنوں کا افتراء ہیں ۔مثلاً یہود کہتے تھے کہ آپ کی پیدائش نعوذ باللہ بدکاری کے نتیجہ میں ہوئی تھی۔ یعنی یوسفؔ کے نطفہ سے بغیر شادی کے آپ پیدا ہوئے( انسائیکلوپیڈیا برٹینیکا جلد۵ صفحہ ۱۰۲زیر لفظ celsus اسی طرح بعض یہودی یہ الزام لگاتے تھے کہ آپ نعوذ باللہ ایک رومی سپاہی سپنیتھراؔ کے بیٹے تھے جن کا حضرت مریم صدیقہ سے ناجائز تعلق تھا ( جیوش انسائیکلو پیڈیا جلد ۷صفحہ ۱۷۰ کالم اول) مگر قرآن کریم نے حضرت مریم ؓ کو اس الزام سے پاک ٹھہرایا اور یہ اعلان فرمایا کہ ذالَّتِیْٓ اَحْصَنَتْ فَرْجَھَا فَنَفَخْنَا فِیْھَا بِنْ رُّوْ حِنَا رَجَعَلْنَا ھَا وَابْنَھَآ اٰیَۃً لِّلْعَالَمِیْنَ (انبیاء آیت ۹۲)یعنی مریم صدیقہؓ نے جو حضرت میسحؑ کی والدہ مطہّرہ تھیں اپنے تمام سوراخوں کو گناہ سے محفوظ رکھا تھا۔ اور اُن کو جو حمل ہوا وہ ناجائز نہیں تھا بلکہ ایک پاک روح تھی جو اُن کے اندرہم نے داخل کی اور ہم نے اُس کو اوراُس کے بیٹے عیسیٰؑ کو تمام دُنیا کے لئے ایک نشان بنا دیا ۔
اِسی طرح عیسائی آپ پر یہ الزام لگاتے ہیں کہ آپ نعوذ باللہ صلیب پر لٹک کر *** موت مرے ۔چنانچہ عہدنامہ جدید میں پولوسؔ کہتا ہے :۔
’’مسیح جو ہمارے لئے *** بنا اُس نے ہمیں مول لے کر شریعت کی *** سے چھڑایا کیونکہ لکھا ہے جو کوئی لکڑی پر لٹکایاگیا وہ *** ہے۔‘‘(گلتیوں باب ۲آیت ۱۳)
گویا عیسائیوں نے خدا تعالیٰ کے ایک مقرب کو اپنی نفسانی خواہشات کو پورا کرنے کے لئے ملعون قرار دے دیا ۔مگر قرآن کریم نے اس الزام کو ردّ کیا اور خود حضرت مسیح کی زبان سے ان الفاظ میں تردید کی کہ وَالسَّلٰمُ عَلَیَّ یَوْمَ دُلِدْتُّ وَیَوْمَ اَمُوْتُ وَیَوْمَ اُبْعَثُ حَیًّا (مریم آیت ۳۴)یعنی جو لوگ مجھ پر یہ الزام لگاتے ہیں کہ میری پیدائش حرامکار ی کے نتیجہ میں تھی وہ غلط کہتے ہیں ۔کیونکہ میری پیدائش پر خداتعالیٰ کی طرف سے سلامتی نازل ہوئی تھی اورجو لوگ یہ کہیں گے کہ میں *** موت مراوہ بھی غلط کہیں گے ۔کیونکہ میری موت بھی خداتعالیٰ کی حفاظت میں ہوگی اورلعنت کی موت سے میں بچایاجائوں گا ۔اورجو لوگ یہ کہیں گے کہ میں دوسروں کے گناہ اُٹھا کر تین دن جہنم میں پڑارہا۔وہ بھی غلط کہیں گے کیونکہ میری دوبارہ حیات بھی خداتعالیٰ کی سلامتی سے شروع ہوگی ۔
غرض قرآن کریم ان تمام اعتراضات کو ردّکرتاہے جو بائیبل میں لوگوں کی دست اندازی کی وجہ سے شامل ہوچکے تھے۔ اوراپنے فرستادوں کوایک بے عیب شکل میں دنیا کے سامنے پیش کرتاہے ۔اسی قسم کے الزامات ہندوئوں نے بھی اپنے بعض رشیوں اوراوتاروں پر لگائے ہیں۔مثلاً حضرت کرشن کے متعلق لکھا ہے کہ ان کی والد ہ نے انہیں کہا کہ
’’بیٹا !نولاکھ گائیں میرے یہاں دودھ دینے والی ہیں جتنا دودھ مکھن چاہیئے کھایااورلٹایا کرو۔دوسروں کے گھر ماکھن کھانے اورچُرانے مت جایاکرو۔‘‘ (شریمد بھاگوت پُران اسکندھ نمبر۱۰ نمبر۸؍۱۰)
گویا حضرت کرشن نعوذ باللہ مکھن چُراچُراکر کھا یا کرتے تھے حالانکہ ان کے اپنے گھر میں نولاکھ گائے تھی۔
اسی طرح لکھا ہے کہ وہ غیرعورتوں کے ساتھ عیش و عشرت میں مشغول رہاکرتے تھے اورایک عورت کاخاص طور پر نام لے کر لکھا ہے کہ حضرت کرشن نے رات کے وقت اسے جگاکرکہا کہ
’’اے سندری!نیند کو چھوڑ کر مجھ کو شرنگار دان (یعنی دادِ عیش)دے ۔‘‘ (برہم دی درت پران کرشن جنم کھنڈ نمبر ۴ ادھیائے نمبر ۷۲)
مگرقرآن کریم نے حضر ت کرشن اوراسی طرح اَورکئی انبیاء کاجن کے نام تک صفحہ ء تاریخ میںمحفوظ نہیں اجمالی طورپر ذکر کرکے فرمادیا کہ اُولٰٓئِکَ الَّذِیْنَ ھَدَی اللّٰہُ فَبِھُدَاھُمُ اقْتَدِہُ(انعام ع ۱۰)یعنی یہ سارے کے سارے وہ لو گ تھے جن کو اللہ تعالیٰ نے ہدایت دی ۔یعنی یہ سب کے سب منعم علیہ گروہ میں شامل تھے اورخداتعالیٰ کے فضلوں اوراس کی تائیدات کے مورد تھے ۔پس اب تمہاراکام یہی ہے کہ تم انہی لوگوں کے راستہ پرچلو اوانہی کی تقلید کرو۔اس سے ظاہر ہے کہ قرآن کریم تمام انبیاء کو معصوم قرار دیتا اورہرالزام کورد کرتاہے جوان پر لگایا گیا۔خواہ وہ الزام منافقوں کی طرف سے لگایاگیاہو یا مخالفوں کی طرف سے ۔وہ ان کے حسین چہر ہ پر سے ہرقسم کی گردوغبارکو دور کرتا اوران کی نورانیت کو زیادہ سے زیادہ نمایاں کرتاہے اوریہ قرآن کریم کااتنا بڑا احسان ہے کہ جس کی نظیر دنیا کی اَورکوئی کتاب پیش نہیں کرسکتی ۔
پھر رقرآن کریم نے اپنے مبین ہونے کے مقام کو اس طرح بھی ظا ہرکیا کہ اس نے دنیاکے ہرنبی کی عزت کوقائم کیا اوران کی صداقت پر ایمان لانا ضروری قراردیا۔اس میںکوئی شبہ نہیں کہ دنیا کے جس ملک کے حالات سے بھی واقفیت حاصل کی جائے اس کے متعلق معلوم ہوتا ہے کہ وہاں کے لوگ کسی نہ کسی بزرگ کو ماننے والے ہیں ۔مگروہ ساری بزرگی صر ف اپنے اپنے بزرگوں تک محدود سمجھتے ہیں ۔ہندوستان کے لوگ اگر حضرت کرشن اورحضرت رامچندر جی کو خداتعالیٰ کا اوتار مانتے ہیں توساتھ ہی یہ بھی کہتے ہیں کہ ان کے سوااَورکسی ملک میں کوئی اوتار نہیں ہوا۔ اسی طرح عیسائی اوریہودی بھی یہی کہتے ہیں کہ صرف ہمارے بزرگ سچے تھے باقی سب جھوٹے ہیں ۔لیکن قرآن کریم نے بتایاکہ اِنْ مِنْ اُمَّۃٍ اِلَّا خَلَا فِیْھَانَذِیْرٌ(سورئہ فاطر آیت ۲۵)دنیا کی کو ئی قوم ایسی نہیں جس میں خداتعالیٰ کا کوئی مصلح اورہادی مبعوث نہ ہواہو۔چنانچہ جب ہم مختل اقوام پر نظر دوڑاتے ہیں توہمیں معلوم ہوتاہے کہ و ہ سب کی سب اس بات کی قائل ہیں کہ ان میں اللہ تعالیٰ کاکوئی نہ کوئی مصلح آیاتھا ۔ہم ہندوئوں پر نگاہ دوڑاتے ہیں تو ہمیں ان میں حضرت کرشن اورحضرت رامچندر جی کاوجود دکھائی دیتاہے ۔ہم عیسائیوں پر نگاہ دوڑاتے ہیں تو ہم ان میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا وجود نظرآتا ہے ۔ہم یہودیوں پر نگاہ دوڑاتے ہیں توہمیں حضرت موسیٰ علیہ السلام اوردوسرے کئی انبیاء نظر آتے ہیں ۔غرض دنیا کا کوئی خطہ ایسانہیں جس میں کوئی نبی نہ آیا ہو ۔کیونکہ اللہ تعالیٰ جیسے عرب کاخداہے ویسے ہی وہ ہندوستان اورچین اورشام اورمصر اورایران وغیرہ کابھی خداہے۔اس نے ساری دنیاکے لئے سورج اورچاند اورستارے سب ایک جیسے بنائے ہیں ۔ایک ہی زمین سب کے لئے بنائی ہے۔پھر جب اس نے سب لوگوں کی جسمانی ضرورتوں کو پوراکیاہے توروحانی ضرورتوںکو وہ کس طرح نظر انداز کرسکتا تھا جبکہ روح کی حفاظت جسم سے بھی زیادہ ضروری ہے کیونکہ جسم فانی ہے اورروح غیر فانی ۔چنانچہ ایک مسلمان جب اس آیت کو پڑھتاہے تواس کے دل میں تصدیق کی خواہش پیداہوتی ہے۔وہ ہندوئوں کے پاس جاتا ہے اورڈرتے ڈرتے ان سے پوچھتا ہے کہ آپ کی قوم میں بھی کو ئی نبی آیا تھا ۔وہ کہتے ہیں ہاں حضر ت کرشن اورحضرت رامچند رجی اللہ تعالی کا کلام لے کر آئے تھے وہ اپنے وقت کے اوتار تھے۔یہ سن کر اس کا چہرہ بشاشت سے کھل جاتاہے اوروہ کہتا ہے الحمد للہ!یہ بات سچی ثابت ہوگئی کہ ہرقوم میں نبی آئے ہیں۔پھر وہ چین میں جاتا ہے ۔اوروہاں کے لوگوں سے پوچھتاہے کہ آپ کی قوم میں بھی کو یء نبی آیاہے تووہ کنفیوشس کا نام لیتے ہیں ۔اس پر اس کادل اَور بھی زیادہ مسرور ہوجا تاہے کہ الحمد للہ چین میں بھی اللہ تعالیٰ کانبی آیا ہے ۔پھر وہ ایران میں جاتاہے اوروہاں کے لوگوں سے پوچھتا ہے کہ آپ کے پاس بھی کوئی نبی آیا ہے تووہ حضرت زرتشت کانام لیتے ہیں ۔یہ سن کر وہ خوشی سے اپنے جامہ میں پھولانہیں سماتا۔اورکہتاہے کہ اب تو یہ با ت اوربھی پختہ ہوگئی۔پھر وہ یونان میں جاتاہے اوروہاں کے لوگوں سے دریافت کرتاہے کہ تمہارے پاس بھی کو ئی اللہ کا پیغام لے کر آیا ہے ۔تووہ کہتے ہیں ۔ہاں ہمارے ملک میں سقراط اس بات کا دعویدار تھا کہ اللہ تعالیٰ اس سے ہمکلام ہوتاہے ۔اس پر وہ اورزیادہ مسرو ر ہوتاہے اورکہتاہے الحمدللہ میراقرآن یہاں بھی سچاثابت ہوا۔غرض و ہ جس ملک میں بھی جاستاہے اس کی گردن فخر سے اونچی ہوجاتی ہے۔اوراس کادل اس لذت اورسرورسے بھرجاتاہے کہ میری کتاب میں جوکچھ کہاگیاتھا وہ حرف بحر ف درست ثابت ہوا۔لیکن ایک عیسائی ایک ہندواورایک یہودی جس ملک میں بھی جاتاہے۔ ا س کامنہ غم سے کالاہوجاتاہے۔وہ مڈل ایسٹ میں جاتاہے اورسنتا ہے کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سب سے بڑے نبی ہیں تواس کا د ل جل جاتاہے ۔برمامیں جاتا ہے اورسنتا ہے کہ بدھا نبی ہے تووہ رونے لگ جاتاہے ۔ہندوستان میں سنتا ہے کہ کرشن نبی ہے تواس پر جنون سوارہوجاتاہے۔یونان میں جاتاہے اوراسے پتہ لگتاہے کہ اس ملک میں سقراط گذراہے تووہ چیخیں مارنے لگ جاتاہے ۔غرض وہ جس ملک میں بھی جاتاہے اس پر مصیبت آجاتی ہے۔ مگرایک مسلمان جس ملک میں بھی جاتاہے اسے خوشی پر خوشی نصیب ہوتی ہے اورہرملک میں یہ تعلیم اس کی سربلندی اورسُرخروئی کاموجب ہوتی ہے ۔غرض یہ ایک چھوٹی سی آیت ہے ۔لیکن اس چھوٹی سی آیت کو ہی لے کر ساری دنیا میں پھر جائو۔کسی بزرگ کی بڑائی سن کر تمہارے دل میں انقباض پیدانہیں ہوگا اورتمہیں تسلیم کرنا پڑے گا کہ قرآن کریم نے یہ تعلیم پیش کرکے باقی تمام الہامی کتب پر اپنی فضیلت کو ثابت کردیاہے ۔پھر خود انسانی وجود جو اللہ تعالیٰ کی وحی کی مہبط اوراس کے انوار وبرکات کامورد تھا اس کے متعلق بھی بعض مذاہب نے یہ غلط نظریہ پیش کیا کہ وہ طبعاً میلان گناہ رکھتاہے۔اوراس کی وجہ اللہ تعالیٰ کی وہ نافرمانی ہے جو آدم اورحوّانے کی جس کی بنا پر وہ فطرتی طورپر گناہگارپیداہوا۔اسی طرح بعض دوسرے مذاہب نے یہ کہناشروع کردیا کہ انسان اپنی تمام کوششوں کے باوجود کبھی پاک نہیں ہوسکتا۔اوراس کی روح کو بار بار مختلف قسم کی جُونوں کے چکر میں ڈالاجا تاہے ۔اول الذکر نظریہ ہمیں عیسائیت کی طرف سے اورثانی الذکر ہندومذہب کی طر ف سے پیش کیا گیا ۔اوردونوں نے انسانی فطرت کو گندہ اورناپاک قرار دیا ۔اوراس کااتنا پروپیگنڈاکیا گیاکہ وہ انسان جو اس لئے پیداکیا گیا تھاکہ اسے اللہ تعالیٰ کاقرب حاصل ہو اوراپنے اندر اعلیٰ اخلاق اورروحانیت پیداکرکے اللہ تعالیٰ کے کلام اورا سکے الہام کا مورد ہو اس کادل مایوسی کا شکار ہوگیا اوراس نے سمجھا کہ جب میرے لئے ترقی کے تمام راستے بند ہیں اورجب مجھے فطری طورپرگندہ اورناپاک ٹھہرایاگیاہے توپاکیزگی اورتقدس کاتصورمیرے لئے ناممکن ہے ۔کیونکہ انسان کی فطرت میں یہ بات داخل ہے کہ جو بات متواتر اس کے کان میں ڈالی جائے آہستہ آہستہ وہ اس پر اثر کرناشروع کردیتی ہے ۔اگرکسی کو متواتر کہاجائے کہ تم بہت بیوقوف اورجاہل ہو تووہ رفتہ رفتہ اپنی عقل کو کھو بیٹھتاہے ۔اگرکسی کو کہا جائے کہ وہ چو ر کابیٹاہے توآہستہ آہستہ یہ خیال اس کے دل پر ایساراسخ ہوجائیگا کہ جب کبھی اس کے دل میں لالچ پیداہوگااورکسی کامال ہتھیانے کاارادہ کرے گا تووہ اپنے ارادہ کو روک نہیں سکے گابلکہ کہے گاکہ دنیا توپہلے ہی مجھے چورکابیٹا کہہ رہی ہے اوریہی جذبات نسلاً میرے اند پائے جاتے ہیں ۔اب میںان سے کس طرح رک سکتاہوں ۔اسی وجہ سے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس قسم کے امورکوسختی سے ناپسند فرمایااورانہیں قومی ہلاکت اوربربادی کا اصل باعث قراردیاہے ۔کیونکہ انسانی ذہنیت اس قسم کی ہے کہ جب اس پر کوئی اثر ڈالا جائے اوراس کے خیالات کسی خاص طرف مائل کئے جائیں توآہستہ آہستہ وہ ان اثرات کو قبول کرلیتاہے ۔سائیکالوجی یاعلم النفس کی ابتداء درحقیقت رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم اورقرآن کریم کے ذریعہ ہی ہوئی ہے۔ چنانچہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاکہ اِذاقال الرّجلُ ھَلَکَ النَّاسُ فھو اَھْلَکَھُمْ ۱؎۔یعنی جب کوئی شخص یہ کہتا پھرتاہے کہ قوم برباد ہوگئی قوم برباد ہوگئی تودرحقیقت اس کی بربادی کا موجب وہی بنتاہے ۔کیونکہ جب متواترکسی قوم کے کا ن میں یہ ڈالاجائے گا کہ وہ ہلاک ہوچکی ہے تولوگوں میں قوت مقادمت باقی نہیں رہیگی ۔ اوراس کاتنزل شروع ہوجائے گا۔عیسائیت نے دنیا کو یہ تعلیم دی کہ آدمؑ نے گناہ کیا جو ورثہ میں اس کی اولاد کو بھی ملا ۔اب دنیا اگر گناہ سے بچنابھی چاہے تونہیں بچ سکتی ۔اس عقیدے کے ہوتے ہوئے ایک عیسائی کے لئے یہ کتنا مشکل ہے کہ وہ گناہ کا خیال آنے پر اس کامقابلہ کرے وہ تو کہے گاکہ میں گناہ کامقابلہ کیاکروں۔میں تواس سے بچ ہی نہیںسکتا اورجب وہ گناہ کا مقابلہ کرنے سے گریز کرے گا تولازماً گناہ میں مبتلاہوجائے گا ۔مگرقرآن کریم نے بتایاکہ انسان کو فطرت صحیحہ عطاکی گئی ہے ۔اورخواہ وہ کیسی ہی حالت میں ہو اگر وہ کوشش کرے تو وہ ترقی کر کے اللہ تعالی کاقرب حاصل کرسکتاہے ۔چنانچہ اللہ تعالیٰ فرماتاہے مَاخَلَقْتُ الجِنَّ وَالْاِنْسَ اِلَّا لِیَعْبُدُوْنِ ( سورہ ذاریات آیت ۵۷)یعنی میں نے جنوں اورانسانوں کو صرف اپنی عبادت کے لئے پیداکیاہے ۔اس جگہ اللہ تعالیٰ نے یہ نہیں فرمایاکہ میں نے آد م کو اس لئے پیداکیا تھا کہ وہ میری عبادت کرے بلکہ فرماتاہے مَاخَلَقْتُ الجِنَّ وَالْاِنْسَ اِلَّا لِیَعْبُدُوْنِچاہے فرمانبرداری کی طبیعت رکھنے والے انسان ہوںچاہے ناری فطرت رکھنے والے وجود ہوں دونوں کو میں نے عبادت اوراپنے قرب کے لیء پیداکیاہے ۔انس ان لوگوںکو کہتے ہیں جواپنے اندر فرمانبرداری اوراطاعت کاماد ہ رکھتے ہیں ۔اورجنّ ان لو گوں کو کہتے ہیں جن پر پر دہ پڑاہو اہوتاہے ۔یعنی جن کی فطرت صحیحہ پر پردہ پڑ جاتاہے ۔ اوروہ اللہ تعالیٰ سے دور ہوجاتے ہیں ۔قرآن کریم سے ہمیں یہ بھی معلوم ہوتاہے کہ جنّی طبیعت والے نار سے پیداکئے گئے ہیں ۔
۱؎۔مسلم جلد ۲کتاب البر والصلۃ والآداب باب النھی عن قول ھَلَکَ النَّاسُ۔
گویاناری طبیعت والا انسان جوگناہ کی طرف مائل ہوتاہے اللہ تعالیٰ فرماتاہے کہ اسے بھی میں نے عبادت کے لئے پیداکیاہے کیونکہ اس کی ناری طبیعت طبیعتِ ثانیہ ہوتی ہے طبیعت اولیٰ نہیں ہوتی ۔درحقیقت طبیعتیں دوقسم کی ہوتی ہیں ایک طبیعت اولیٰ جو فطرت میں رکھ دی گئی ہے اورایک طبیعت ِ ثانیہ جو ماحول کے اثرات کے ماتحت پیداہوتی ہے اورطبیعت اولیٰ پر غالب آجاتی ہے ۔ اسی لئے اس قسم کی طبیعت رکھنے والے کو جنّ کہتے ہیں ۔جس کے معنے یہ ہوتے ہیں کہ اس کی اصل فطرت پر پردہ پڑاہواہے اورجب ہم اسے جنّ کہتے ہیں توہمارے مدنظر یہ مفہوم ہوتاہے کہ اس کی فطرت اولیٰ نظرنہیں آتی ۔اورچونکہ اس کی فطرت اولیٰ نظر نہیں آتی اس لئے وہ جنّ کہلاتاہے ۔پس فرماتاہے۔وہ لوگ جو خداتعالیٰ سے محجو ب ہوتے ہیں اورجنّات میں شامل ہوتے ہیں اوروہ لو گ جو اپنی طبیعت میں نیکی رکھتے ہیں دونوںکو ہم نے اپنی عبادت کے لئے پیداکیاہے۔جب لوگ ایک لمبے عرصہ تک نیکی کو قائم رکھتے اوراللہ تعالیٰ کے منشاء کے ماتحت اپنی زندگیاں بسر کرتے ہیں تووہ انس کہلاتے ہیں اورجب وہ نبی کی تعلیم سے غافل ہوجاتے ہیں تووہ جنّ ہوجاتے ہیں کیونکہ ان کی فطرت صحیحہ ایسی مخفی ہوجاتی ہے کہ وہ بھول جاتے ہیں اس بات کو کہ ہماری جماعت کاقیام کیوں ہواتھا ۔اورہمارے نظام کی غرض کیاتھی یا نبی نے ہمیں کیا تعلیم دی تھی۔پس اللہ تعالیٰ فرماتاہے کہ خواہ وہ جنّات ہوں یاانسان یعنی خواہ ایسے لوگ ہوں جن کے دلوں میں محبتِ الہٰی کی چنگاری سُلگ رہی ہواورخواہ ایسے لوگ ہوں جن کی فطرت صحیحہ پر پردہ پڑاہواہوفطرت ثانیہ غالب آچکی ہو اورسمجھاجاتاہوکہ ان کی طبیعت ثانیہ ہی اصل فطرت ہے دونوں کو ہم نے عبادت کے لئے پیداکیا ہے ۔بعض لوگ کہاکرتے ہیں کہ فلاں شخص کو ہم کیا سمجھائیں ا س میں تونیکی کامادہ ہے ہی نہیں۔بعض لوگ کہاکرتے ہیں کہ فلاں شخص بڑامتعصب ہے وہ ہدایت پا ہی نہیں سکتا۔اللہ تعالیٰ فرماتاہے ۔تم ایسامت کہو۔اس کی طبیعت اولیٰ نیکی کی طرف مائل ہے ۔یہ تمہاری غلطی ہے کہ تم اس کی طبیعت ثانیہ کو دیکھتے ہواورایک نتیجہ اخذ کرلیتے ہو ۔ہم نے توسب کو اپنی عبادت کے لئے پیداکیاہے ۔ اگر کسی کی فطرت صحیحہ پرپردہ پڑاہواہے تویہ ایسی ہی بات ہے جیسے کوئی شخص نیل کے مٹکے میں پڑے تووہ نیلا ہوجاتاہے مگر اس کے یہ معنے نہیں ہوتے کہ وہ آدمی نہیں رہا۔یابعض لوگ ریچھ کی کھال پہن لیتے ہیں اوردیکھنے والے ڈرنے اوربھاگنے لگ جاتے ہیں ۔ حالانکہ وہ انسان ہوتے ہیں۔اسی طرح بعض لوگ ایسے ہوتے ہیں جن کی فطرتیں ماحول کی خرابی کی وجہ سے مسخ ہوجاتی ہیں اوران کی ظاہری شکل جنّات والی ہوجاتی ہے ۔چنانچہ وہ لوگ بھی جو غیر مرئی جنات کے قائل ہیں اورہم پر یہ اعتراض کیاکرتے ہیں کہ یہ لو گ جنّوں کے قائل نہیں وہ بھی بعض دفعہ ایسے انسانوںکو جن کی فطرت پرپردہ پڑچکاہوتاہے جنّ کہنے لگ جاتے ہیں ۔چنانچہ وہ شخص جس کے اخلا ق بگڑے ہوئے ہوں اسے دیکھتے ہیں توکہتے ہیں یہ بھیڑیاہے جس سے ان کایہ مطلب نہیں ہوتا۔کہ وہ حقیقی معنوں میں بھیڑیاہے بلکہ یہ مطلب ہوتاہے کہ اس پر بھیڑیے والی خصلت غالب آگئی ہے ۔اسی طرح کسی کے متعلق کہتے ہیں یہ توسانپ ہے ۔ یعنی سانپ کی طرح لوگوںکو ڈستا پھرتاہے ۔یابچھو ہے یعنی بچھو کی طرح لوگوںکو ڈنگ مارتا ہے ۔توبعض دفعہ فطرت ثانیہ فطرت اولیٰ پر غالب اجاتی ہے کہ یہ پہچاننا بھی مشکل ہوجاتاہے کہ ا س شخص کی انسانیت کہاں ہے ۔لیکن جب اس کی فطرت صحیحہ بول اٹھتی ہے تب پتہ لگتاہے کہ اس کے اندرنیکی پائی جاتی ہے ۔دیکھو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے کتنے کتنے شدید دشمن تھے ۔مگرپھر ان پر کیسی تبدیلی پیداہوئی ۔نہ صرف ان کی اصلاح ہوئی بلکہ وہ روحانیت کے ایسے اعلیٰ مقام پر پہنچ گئے کہ ان کا پہچاننابھی مشکل ہوگیا۔حضرت عمرؓ جو اسلام اورمسلمانوںکے خلاف لٹھ لئے پھرتے تھے جب انہیں اسلام لانانصیب ہواتوان میں ایسی تبدیلی پیداہوئی کہ دنیاکے فائدہ کے لئے اپنی جان جوکھوں میں ڈالنے لگے ۔اوردن رات اسلام کی خدمت میں مصروف ہوگئے ۔یہی حال عکر مہؓ کا تھا۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے جب مکہ فتح کیا ۔توعکرمہؓ اس بغض کی وجہ سے جواسے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات سے تھامکہ چھو ڑ کرچلاگیا اوراس نے کہا ۔میں اس ملک میں بھی نہیں رہ سکتا جس میں ایساشخص موجود ہو۔اس کے مظالم کی وجہ سے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ اعلان کردیاتھا کہ اسے معافی نہیں دی جاسکتی وہ جہاں مل جائے اسے قتل کردیاجائے ۔آخر اس کی بیوی رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئی ۔اوراس نے کہا ۔یارسول اللہ!آپ بڑے رحیم و کریم ہیں ۔آپ نے کتنے ہی لوگوںکومعاف کردیا ہے اگر عکرمہؓ کو بھی آپ معاف فرمادیں تواس میں آپ کاکیاحرج ہے ۔پھر اس نے کہا ۔یارسول اللہ ! کیا یہ بہتر ہے کہ عکرمہؓ کسی غیر ملک میں ذلیل ہوکر رہے یایہ بہتر ہے کہ وہ آپ کے ملک میں آپ کی رعایابن کر رہے اورآپ کاعفو اس کے سرکو نیچا رکھے۔آپ کو اسکی یہ بات پسند آئی۔اورآپؐ نے فرمایا۔ہم نے عکرمہؓ کو معاف کردیا۔یہ سن کر اس کی بیوی اسی وقت اٹھی اوراپنے خاوند کی تلاش میں چل پڑی ۔وہ اس وقت حبشہ جانے کے لئے کشتی میں بیٹھ چکا تھا ۔اس کی بیوی اس کے پاس گئی اوراس نے کہا ۔تم کہاں جارہے ہو۔واپس میرے ساتھ چلو۔میں نے تمہارے متعلق محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سفارش کی تھی اورمحمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے تمہیں معاف فرمادیاہے ۔عکرمہؓ یہ سن کر حیران ہوا۔اوراس نے کہا ۔مجھے کس طرح معافی مل سکتی ہے میں نے توبڑے بڑے سخت مظالم کئے ہوئے ہیں۔اس نے کہا ۔تمہیں ان کے وسعت حوصلہ کاکیاعلم؟ میں تمہیں یقین دلاتی ہوں کہ میں تمہارے لئے معافی کی منظور ی لے چکی ہوں ۔تم واپس میرے ساتھ چلو ۔عکرمہؓ کشتی سے اترے اورواپس آگئے ۔ واپسی پر وہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضرہوئے اورانہوں نے عرض کیاکہ یارسول اللہ! میری بیوی میرے پاس آئی تھی اوراس نے کہا تھاکہ میںنے تمہارے متعلق رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے معافی لے لی ہے۔ کیایہ سچ ہے ؟رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔ہاں!بالکل سچ ہے ۔ہم نے تمہیں معاف کردیاہے ۔جب رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاکہ ہم نے تمہیں سچے دل سے معاف کردیا ہے تواس نے عر ض کیاکہ کیا میں کافر ہونے کی حالت میں مکہ میں رہ سکتاہوں۔آپؐ نے فرمایا۔ہاں تم رہ سکتے ہو۔جب رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کے اوراس کے باپ ابوجہل کے متواتراورشدید ترین مظالم کے باوجود اسے معاف فرمادیا اورمعافی بھی اس رنگ میں دی کہ خواہ وہ اسلام نہ لائے اسے مکہ میں آزادنہ رنگ میں رہنے کی اجازت ہوگی تواس کی طبیعت پر اس کا اتنا اثر ہواکہ اس نے کہا ۔یارسول اللہ! میں آپ پر ایمان لاتاہوں کیونکہ میں سمجھتاہوں کہ اس قسم کی معافی سوائے خداکے راستباز انسان کے اَورکوئی نہیں دے سکتا۔پھریاتو اسکے دل میں اتنا بغض تھا کہ وہ ا س ملک میں بھی رہنانہیں چاہتاتھا جس میں رسول کریم صلی اللہ تھے اوریاپھر اس کے دل میں اتنا تغیر پیداہواکہ جب رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ عکرمہؓ ہم نے تمہیں معاف ہی نہیں کیا بلکہ ہم تمہیں انعام بھی دینا چاہتے ہیں مانگوجوکچھ مانگنا چاہتے ہو ۔تووہ عکرمہؓ جو اتنا دنیادار تھا اس کے اندر فوراً ہی اتنی تبدیلی پیداہوگئی کہ اس نے کہا کہ یارسول اللہ! میں سوائے اس کے اَورکچھ نہیں مانگتا کہ آپ میرے لئے دعاکریں کہ اللہ تعالیٰ میرے پچھلے تمام گناہ معاف فرمادے ۔اب کُجایہ کہ وہ مکہ سے بھاگ جاتاہے اورکجایہ کہ مسلمان ہوتاہے اوریکدم اس میں ایسی تبدیلی پیداہوتی ہے کہ وہ سب مخالفانہ خیالات کو بھول جاتاہے ۔پھر یہی عکرمہؓ تھا کہ یاتورسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی جان لینے کے لئے لڑائیاں کیاکرتاتھا اوریا پھر اسلام میں اس کی فدائیت یہاں تک پہنچ گئی کہ غزوئہ یرموک میں جب بہت سے صحابہؓ مارے گئے توعکرمہؓ اورچنداورنوجوانوں نے مل کر حضرت ابوعبیدہؓسے جوکمانڈرانچیف تھے کہاکہ ہم سے صحابہؓ کی موت نہیں دیکھی جاسکتی ۔اگریہ لوگ مارے گئے تواسلام کی اشاعت کون کرے گا ۔آپ ہمیں اجاز ت دیں کہ ہم چند نوجوان اپنی جانوں کو قربان کرکے عیسائی کمانڈرپرحملہ کرکے اسے ماردیں اورلڑائی ختم ہوجائے ۔ابوعبیدہؓ نے کہا کہ یہ تو بڑا مشکل ہے ۔دس لاکھ لشکر کے مقابلہ میں میں تمہیں کس طرح بھیج سکتاہوں ۔اس میں توتمہاری یقینی ہلاکت ہے ۔مگر آخر دوسرے لوگوں نے کہا کہ جب یہ لوگ قربانی کرناچاہتے ہیں توانہیں قربانی کی اجازت دیدیں۔اورچونکہ ا س جنگ میں بہت سے صحابہؓ مارے جاچکے تھے ابوعبیدہؓ نے آخر اجازت دیدی۔ چنانچہ عکرمہؓ اورچنددوسرے نوجوانوں نے ملکر قلبِ لشکر پر حملہ کیااوروہاں تک پہنچ گئے جہاں ان کا کمانڈرماہان تھا ۔ و ہ اسقدر گھبرایاکہ تخت سے اتر کا بھاگ پڑا ۔اوراس کے بھاگتے ہی فوج میں بھاگڑ مچ گئی اورلڑائی کاپانسہ پلٹ گیا۔مگر اس جدوجہد میں وہ قریباً سب کے سب شہید ہوگئے ۔اسی جنگ کاواقعہ ہے کہ عکرمہؓ زخموں کی شدت اورپیاس کی و جہ سے تڑپ رہے تھے کہ ان کے پاس سے ایک سپاہی گذراجس کے پاس پانی کی چھاگل تھی ۔ اس نے جب انہیں تڑپتے دیکھا تووہ قریب آیا ۔اوراس نے پوچھا کیا آپ کو پیا س لگی ہے ۔انہوں نے کہا۔ہاں ۔اس نے اپنی چھاگل ان کے منہ کے قریب کی تاکہ آپ پانی پی لیں ۔مگرابھی عکر مہؓ نے چھاگل کومنہ نہیں لگایاتھا کہ ان کی نظر فضل بن عباسؓ پرپڑی جوان کے قریب ہی پیاس سے تڑپ رہے تھے انہوں نے کہا ۔فضل مجھ سے زیادہ پیاسامعلوم ہوتاہے تم اسے پانی پلائو۔وہ فضل کے پاس پہنچا توانہوں نے اپنے قریب ایک اورمسلما ن کو تڑپتے دیکھا انہوں نے کہا وہ مجھ سے زیادہ پیاسامعلوم ہوتاہے تم پہلے اسے پانی پلائو ۔توتیسرے کے پاس پہنچا تواس نے چوتھے کی طرف اشارہ کردیا۔ اورچوتھے کے پاس پہنچا تواس نے پانچویں کی طرف اشارہ کردیا ۔تاریخ بتاتی ہے کہ وہ سات آدمی تھے اورساتوں ہی تڑپ رہے تھے مگر ہر ایک نے یہی کہا کہ مجھے پانی نہ پلائو بلکہ میرے ساتھ کو پلائو۔جب وہ آخری آدمی کے پاس پہنچا تووہ مرچکا تھا ۔ اورجب وہ واپس مڑاتواس نے دیکھا کہ باقی چھ بھی فوت ہوچکے تھے۔ اب دیکھو یہ کتنی بڑی قربانی ہے جوعکرمہؓ نے کی۔حالانکہ وہ اسلام کے شدید ترین دشمن تھے۔ پس یہ کہدینا کہ فلاںکو ہدایت نصیب نہیں ہوسکتی بہت بڑی غلطی ہے۔اللہ تعالیٰ جب ہدایت دیناچاہتاہے توآناًفاناً دے دیتاہے ۔یہی مضمون اللہ تعالیٰ نے اس آیت میں بیان فرمایاہے کہ مَاخَلَقْتُ الجِنَّ وَالْاِنْسَ اِلَّا لِیَعْبُدُوْنِ ( سورہ ذاریات آیت ۵۷)اللہ تعالیٰ نے ہرایک کو ہدایت اورپنے قرب کے لئے پیداکیا ہے۔پس بڑاہی مایوس وہ انسان ہے جواللہ تعالیٰ کی اس رحمت کی ناقدری کرے اورسمجھے کہ انسان کو پیدائشی طورپر گنہگار پیداکیا گیاہے ا سلئے و ہ پاکیزگی اورتقدس اختیار ہی نہیں کرسکتا۔
اسلام بتاتاہے کہ یہ نظریہ قطعی طورپرغلط ہے انسان فطرتی طورپر پاکیزہ قویٰ لے کر آیا ہے ۔اوراللہ تعالیٰ نے ہرایک کو اپنے قرب کے لئے پیداکیا ہے اسی طرح وہ ایک دوسرے مقام پر فرماتاہے ۔وَنَفْسٍ وَّمَا سَوّٰھَا۔فَاَلَھَمَھَافُجُوْرَھَاوَتَقْوٰھَا۔قَدْاَفْلَحَ مَنْ زَکّٰھَا۔وَقَدْخَابَ مَنْ دَسّٰھَا۔(الشمس آیت ۸تا ۱۱)یعنی ہم انسانی نفس کو اس امر پر شہادت کے طورپر پیش کرتے ہیں کہ اسے ہم نے سب عیوب سے منزّہ پیداکیاہے اوراس کی فطرت میں نیکی اوربدی کی شناخت کی قوت رکھی ہے ۔چنانچہ جوشخص اپنی روح کو بیرونی ملونیوں سے پاک رکھتا ہے وہ کامیاب ہوجاتاہے اورجو شخص اس جبلّی پاکیزگی کو خراب کردیتاہے وہ ناکام ہوجاتاہے۔
غرض اسلام انسان کواس مایوسی کاشکار نہیں ہونے دیتا جس کاشکار اسے دوسرے مذاہب بناتے ہیں بلکہ وہ اس کی روح میں بلند پروازی کی طاقت پیداکرتااوراسے فرش سے اٹھا کر عرش تک لے جاتاہے ۔
پھر قرآن کریم اس لحاظ سے بھی کتاب مبین ہے کہ اس نے ہزاروں ایسی صداقتیں بیان فرمائی ہیں جن کا پہلی الہامی کتب میں کہیں ذکر تک نہیں۔مثلاً قرآن کریم جو موسیٰؑ اورفرعون کے قریباً بائیس سوسال کے بعد نازل ہواہے اس میں یہ لکھا ہے کہ فرعونیوں کے سمندر میں غرق ہونے کے وقت فرعون توبے شک ڈوب گیا تھا۔مگراس کی لاش محفوظ کرلی گئی تھی ۔تاکہ وہ آئندہ آنے والے لوگوں کے لئے عبرت اورنصیحت کا موجب بنے (یونس آیت ۹۳)چنانچہ اب جوپرانی ممیاں نکلی ہیں توان میں فرعونِ موسیٰؑ کی ممی بھی نکلی ہے۔جومصر کے عجائب خانہ میں محفوظ ہے جسے میں نے بھی اپنی آنکھوںسے دیکھا ہے۔اب دیکھویہ قرآن کریم کے کتاب مبین ہونے پر کتنی زبردست شہادت ہے کہ بائیبل جو اس زمانہ کی کتاب ہے جس زمانہ میں فرعون ڈوباتھا۔اس میں توکہیں یہ ذکرنہیں کہ فرعون کی لاش محفوظ کرلی گئی تھی ۔مگر قرآن کریم نے بائیس سوسال بعد نازل ہوکر اس سچائی کو بیان کردیا اورپھر اس سچائی کے بیان کرنے کے چودہ سوسال بعد زمین میں سے فرعون موسیٰؑ کی ممی نکل آئی۔اوراس طرح ثابت ہوگیاکہ قرآن حقیقتاً ا س خدائے بلندو برتر کاکلام ہے جوتمام اسرار کوجاننے والااورتمام غیبوں سے آگاہ ہے ۔
پھر قرآن کریم اس لحاظ سے بھی کتاب مبین ہے کہ وہ اپنے دعاوی کے ثبوت کے لئے بیرونی دلائل کامحتاج نہیں بلکہ وہ خود ہی اپنے دعاوی کے دلائل بھی مہیا کرتاہے برخلاف دوسری الہامی کتابوں کے کہ وہ دعویٰ تو کرتی ہیں مگران کے دلائل نہیں دیتیں۔چنانچہ تورات کو شروع سے لے کر آخر تک پڑھ جائو ۔انجیل کو پڑھ جائو ۔ویدکو پڑھ جائو۔بس یہ معلوم ہوگاکہ فرض کرلیاگیاہے کہ اللہ تعالیٰ کو سب دنیا مانتی ہے اوراس کی ذات میں شک کی گنجائش نہیں۔اس کی صفات کے متعلق اس قدر قلیل روشنی ڈالی گئی ہے کہ انسانی نفس اس سے قطعاً تسلی نہیں پاسکتا ۔زیادہ سے زیادہ اگر کچھ بیان ہواہے تومعجزات پر انحصار کرلیا گیاہے اوراس طرح اس اصل الاصول کو جس پر مذہب کی بنیا د ہے بالکل مہمل چھوڑ دیاگیاہے ۔ا س کے مقابل پرقرآن کریم کودیکھو ۔وہ نہ صرف اللہ تعالیٰ کے وجود کو پیش کرتاہے بلکہ اس کا ثبوت بھی دیتاہے اورنہ صرف اس کاثبوت دیتاہے ۔بلکہ اس کی سب صفات کاثبوت دیتاہے اوراس طرح وہ ایک نیا اصل دنیا کے سامنے پیش کرتاہے جویہ ہے کہ صفات الٰہیہ بندہ کے تعلق رکھنے والی ہیں ان کا الگ ثبو ت بھی ضروری ہے۔ورنہ خداتعالی کاوجود تو ثابت ہو گا۔مگر اس کی صفات کاوجود ثابت نہیں ہوگا۔اس بارہ میں مثال کے طورپر یہ آیت لے لو اللہ تعالیٰ فرماتاہے لَاتُدْرِکُہُ الْاَبْصَارُ وَھُوَ یُدْرِکُ الْاَبْصَارَ وَھوَ اللَّطِیْفُ الْخَبِیْرُ۔(انعام آیت ۱۰۴)یعنی اللہ تعالیٰ کی ذات ایسی ہے کہ انسانی نظریں اس تک نہیں پہنچ سکتیں ہا ں وہ خود اس کی نظروں تک پہنچتا اوراپنی طاقت اورقوت کے اظہار سے اوراپنی صفات کے جلوہ سے اپنا وجود ظاہر کرتاہے اوروہ بڑالطیف اورخبیر ہے ۔اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے یہ بتایاہے کہ اس کانظر نہ آنا اسکے وجود کے منافی نہیں کیونکہ یہ اس کی صفات میں سے ہے کہ وہ نظر نہیں آتا۔لیکن وہ خود اپنے نشانات کے ذریعہ سے اپنے آپ کوظاہر کرتاہے اوربندوں کی نگہداشت رکھتاہے اوران کی تمام جسمانی اورروحانی ضرورتوںکو پوراکرتاہے اوریہ اس امر کا ثبوت ہوتا ہے کہ و ہ ہے لیکن لطیف ۔گویااللہ تعالیٰ کی بعض صفات جوڑے کی حیثیت رکھتی ہیں اوروہ ایک دوسرے کے ساتھ مل کر اس کے وجو دکو ظاہرکرتی ہیں۔مثلاً خبرداررہنا اورادنیٰ سے ادنیٰ تغیرکو بھی غائب نہ ہونے دینا ۔یہ کام ایک لطیف ہستی کے بغیر نہیں ہوسکتا ۔یعنی ایسی ہستی کے بغیر جو موجودات کے ہرذرہ سے ایک کامل اتصال رکھتی ہو۔پس خبیر کی صفت لطیف کے لئے بمنزلہ جوڑے کے ہے کہ اس کے ذریعہ سے اس کابھی ظہور ہوتاہے یاان دونوں کاآپس میں روح اورجسم کا تعلق ہے کہ ایک نہ ہوتودوسری صفت بھی ثابت نہیں ہوتی اوردوسری نہ ہوتو پہلی صفت بھی ثابت نہیں ہوتی ۔اگر خبیر کی صفت وَھُوَ یُدْرِکُ الاَبْصَارَ سے ثابت نہ ہوتی تو لَا تُدْرِکُہُ الْاَبْصَارُ بھی ثابت نہ ہوتا بلکہ عدم ثابت ہوتا۔اس کے مقابلہ میں اگر لَا تُدْرِکُہُ الْاَبْصَارُ ثابت نہ ہوتا یعنی اس کالطیف ہونا توخبیر کی صفت بھی نہیں رہ سکتی تھی کیونکہ جو وجود کامل اتصال نہیں رکھتا و ہ خبیر بھی نہیں ہوسکتا۔غرض قرآن کریم اس لحاظ سے بھی مبین ہے کہ اسنے صرف دعویٰ کرنے پرہی اکتفانہیں کیا بلکہ وہ جوکچھ کہتاہے اس کے دلائل بھی دیتاہے ۔تاکہ بنی نوع انسان ان احکام پر عمل صرف ایک چٹّی اوربوجھ سمجھ کرنہ کریں بلکہ اس بشاشت اوریقین کے ساتھ کریں کہ انہیں جوکچھ کہاگیاہے ان کے اپنے فائدہ اورترقی کے لئے کہاگیاہے ۔
پھرقرآ ن کریم اس لحاظ سے بھی مبین ہے کہ وہ تمام امور جو احکام یااخلاق یااعتقادات وغیرہ سے تعلق رکھتے ہیں ان سب کو اس کتا ب میں پوری تفصیل کے ساتھ بیان کردیاگیاہے ۔اسی طرح اللہ تعالیٰ کے قرب اوراس کی محبت کے حصول کے لئے جسقدر امور کی ضرورت ہے ان سب کواس کتاب میں واضح کردیاگیاہے ۔گویا قرآن کریم ایک جامع کتاب ہے جسمیں توحید ،نبوت، دعا،قضاوقدر،بعث بعد الموت اورمعا دوغیرہ کے متعلق پوری تفصیل موجود ہے جبکہ دوسری کتب نے ان امورضروریہ سے قریباً خاموشی اختیارکررکھی ہے اوراگر ان میں کچھ ہے توا سقدر ناکافی ہے کہ گویاکچھ نہیں کہا۔اسی طرح نبی اوراس کے فرائض اورنبوت اوراس کی حقیقت کے متعلق بائیبل اوروید اورــژند وغیرہ کتب بالکل خامو ش ہیں ۔قرآن کریم نے وجودِ باری تعالیٰ کے ثبوت اوراس کی صفات پر بھی بحث کی ہے ۔ان روحانی امور کوبھی بیان کیا ہے جوانسان کی روحانی طاقتوں کی تکمیل اورامداد کے لئے ضروری ہیں۔ اسی طرح اس نے انسانی زندگی کے قال پر بھی روشنی ڈالی ہے اوراس کے ثبوت پیش کئے ہیں اورپھر اس نے ان تمام امو رمیں نہ صرف علمی طورپر ایک نئی روشنی بخشی ہے بلکہ عملاً بھی اس نے ایسے انسان پیداکئے ہیں جنہوں نے قرآن کریم پر عمل کرکے اللہ تعالیٰ کاوصال حاصل کرلیا اوران کی روحانی طاقتیں اپنی تکمیل کو پہنچ گئیں ۔غرض قرآن کریم تمام سابق کتبِ الہٰیہ پر اپنے مبین ہونے کے لحاظ سے بھی ایسی نمایاں فوقیت رکھتاہے کہ جس پہلو سے بھی دیکھیں قرآنی حسن انسانی آنکھوں کو خیرہ کئے بغیر نہیں رہتا ۔
پھرقرآن کریم کو دوسری الہا می کتب پر صرف انہی امور میں فضیلت حاصل نہیں جواس میں دوسری کتابوں سے زائد پائے جاتے ہیں یاجن میں اس نے دوسرے مذاہب کی خامیوںاوران کی کوتاہیوں کی اصلاح کی ہے بلکہ جن احکام میں اس کی پہلی کتب سے مشابہت دکھائی دیتی ہے ان میں بھی قرآن کریم نے ان سے بہتر اورجامع تعلیم دنیا کیسامنے پیش کی ہے مثلاً اگر ان کتابوں میں کھاناکھانے کاکوئی طریق بیان کیا گیاہے تواس کابھی قرآن کریم نے ان سے اچھا طریق پیش کیاہے اوراگر ان میں کپڑا پہننے کاکوئی طریق بتایا گیاہے ۔توقرآن کریم نے ان سے بھی بہتر اوراعلیٰ طریق کپڑے پہننے کادنیا کے سامنے پیش کیاہے ۔غررض کوئی معمولی سے معمولی بات بھی ایسی نہیں جس میں قرآن کریم نے ان کتابوں سے زیادہ جامعیت اورتفصیل کے ساتھ اپنی تعلیم پیش نہ کی ہو اورجس میں اس نے اپنے مبین ہونے کے مقام کو ظاہرنہ کیاہو۔مثال کے طور پر میں اس وقت امن عالم کامسئلہ لے لیتاہوں ۔ امن ایک ایسی چیز ہے جس کے لئے دنیا ہمیشہ سے کوشش کرتی چلی آئی ہے چنانچہ یا تودنیا بیرونی امن کے لئے جدوجہد کرتی ہے اویاجب بیرونی امن کے لئے جدوجہد نہیں کررہی ہوتی یا اس میں کامیاب ہوچکی ہوتی ہے تواندرونی امن کے لئے جدوجہد کرتی ہے۔ چنانچہ بڑے بڑے دولتمند اورعالم و فاضل جب آپس میں ملتے ہیں توان کی گفتگو کا موضوع اکثر یہی ہوتاہے کہ اَورتوہمیں سب کچھ میسر ہے مگر دل کاامن نصیب نہیں۔پس امن صرف بیرونی ہی نیں ہوتا بلکہ دل کابھی ہوتاہے۔بلکہ حقیقت یہ ہے کہ جب تک دل کا امن نصیب نہ ہو اس وقت تک ظاہر ی امن بھی کوئی حقیقت نہیں رکھتا ۔
ہم دیکھتے ہیں کہ آجکل دنیا کے تمام لو گ امن کے خواہشمند ہیں ۔لیکن امن ان کو میسر نہیں اوراس کی وجہ یہ ہے کہ دنیا میں اتنی مختلف الانواع مخلوق ہے کہ جب تک کسی ایک قاعدہ کے ماتحت امن کا حصول نہ ہو ۔اس وقت تک سب لو گ مطمئن نہیں ہوسکتے ۔ہم دیکھتے ہیں کہ دنیا میں انسانوں میں ہزاروں اختلافات پائے جاتے ہیں ۔ایک دوسرے کے مفاد مختلف ہوتے ہیں ۔ایک دوسرے کے جذبات مختلف ہوتے ہیں۔ایک دوسرے کی خواہشات مختلف ہوتی ہیں اورایک دوسرے کی ضروریات مختلف ہوتی ہیں ۔ان متضاد خواہشو ں اورمتضاد ضرورتوں کے ہوتے ہوئے دنیا میں امن کس طرح پیدا ہوسکتاہے ۔اسلام بتاتاہے کہ ایسے متضاد اورمخالف خیالات کی موجود گی میں تبھی امن قائم ہوسکتاہے جب ساری دنیا ایک ایسی ہستی کی تابع ہو ۔جو امن دینے کاارادہ رکھتی ہو ۔اگریہ بات نہ ہوتو کبھی امن میسر نہیں آسکتا۔ہم روزانہ دیکھتے ہیں کہ ایک گھر میں ماں باپ ذراادھر ادھر ہوتے ہیں تو تھوڑی ہی دیر میں بچے لہولہان ہوجاتے ہیں ۔کسی کے گلے پر زخم ہوتاہے کسی کے بال نوچے ہوئے ہوتے ہیں کسی کے کپڑے پھٹے ہوئے ہوتے ہیں ۔ کسی کی آنکھ سوجی ہوئی ہوتی ہے۔مگرجب ماں باپ آتے ہیں توا ن کے سامنے ایسی نرم شکلیں بناکر بیٹھ جاتے ہیں کہ گویا وہ لڑائی جھگڑے کوجانتے ہی نہیں۔اس لیء کہ ماں باپ کی نیت یہ ہوتی ہے کہ ان کے بچے امن سے رہیں۔پس درحقیقت امن اسی وقت حاصل ہوسکتاہے ۔جب دنیا پر ایک ایسی بالا ہستی ہو جوامن کی متمنی ہواورجودوسروںکوامن دیناچاہتی ہو ۔اورایسے قوانین نافذکرناچاہتی ہو جوامن دینے والے ہوں۔اوروہی شخص حقیقی امن دینے والاقرار پاسکتاہے جواس ہستی کی طرف لوگوں کوبلائے ۔ یہ امن دینے والی ہستی کی طرف توجہ دلانے والے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہیں۔ اورآپ ہی وہ انسان ہیں جن کے ذریعہ دنیا کو یہ معلوم ہواکہ خداتعالیٰ کے ناموں میں سے ایک نام امن دینے والابھی ہے۔چنانچہ سورئہ حشر میں اللہ تعالیٰ کے جونام گنائے گئے ہیں ان میںسے ایک نام یہ بھی ہے۔اللہ تعالیٰ فرماتاہے اَلْمَلِکُ الْقُدُوْسُ السَّلَامُ(سورئہ حشر آیت ۲۴) اے محمد رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وسلم )تُولوگوں کوتوجہ دلااس خداکی طرف جو بادشاہ ہے پاک ہے اوراَلسَّلَام یعنی دنیا کوامن دینے والا اورتمام سلامتیوں کا سرچشمہ ہے۔یعنی جس طرح ماں باپ یہ کبھی برداشت نہیں کرسکتے کہ ان کے بچے لڑیں جھگڑیں یافساد کریں ۔بلکہ وہ امن شکن کو سزادیتے اورامن قائم رکھنے والے بچے سے پیارکرتے ہیں اسی طرح تمہارے اوپر بھی ایک خداہے و ہ دیکھ رہاہے کہ تمہارے مفاد مختلف ہیں ۔تمہارے ارادے مختلف ہیں ۔تمہاری ضرورتیں مختلف ہیں ۔تمہاری خواہشیں مختلف ہیں ۔اور تم بعض دفعہ جذبات میں بے قابو ہوکر امن شکن حالات پرتیار ہوجاتے ہو ۔مگریاد رکھو خدایسی باتوںکو پسند نہیں کرتا ۔وہ سلام ہے۔جب تک کوئی سلامتی اختیار نہ کرے اس وقت تک و ہ اس کامحبوب نہیں ہوسکتا۔
ہرشخص سمجھ سکتاہے کہ خالی امن کی خواہش امن پیدانہیں کردیاکرتی ۔کیونکہ بالعموم امن کی خواہش اپنے لئے ہوتی ہے دوسروں کے لئے نہیں ہوتی۔چنانچہ جب لوگ کہتے ہیں۔دولت بڑی اچھی چیز ہے توا سکے یہ معنے نہیں ہوتے کہ دشمن کی دولت بھی اچھی چیز ہے بلکہ مطلب یہ ہوتاہے کہ میرے لئے صحت بڑی اچھی چیز ہے ورنہ دشمن کے متعلق توانسان یہی چاہتاہے کہ وہ نادار اورکمزور ہو ۔اسی طرح جب لو گ عزت و رتبہ کے متمنی ہوتے ہیں توہرشخص کے لئے نہیں بلکہ محض اپنے لئے ۔پس جب دنیاکایہ حال ہے توخالی امن کی خواہش بھی فساد کاموجب ہوسکتی ہے کیونکہ جولوگ بھی امن کے متمنی ہیں وہ ا س رنگ میں امن کے متمنی ہیں کہ صرف انہیں اوران کی قوم کو امن حاصل رہے۔ورنہ دشمن کے لئے وہ یہی چاہتے ہیں کہ اس کے امن کو مٹادیں ۔اب اگر اسی اصل کو رائج کردیاجائے تودنیا میں جوبھی امن قائم ہوگا وہ چند لوگوںکا امن ہوگا۔ساری دنیاکانہیں ہوگا۔اورجو ساری دنیا کاامن نہ ہو وہ حقیقی امن نہیں کہلاسکتا۔حقیقی امن تبھی پیداہوسکتاہے جب انسان کو یہ معلوم ہوکہ میرے اوپر ایک بالا ہستی ہے جومیرے لئے ہی امن نہیں چاہتی بلکہ سارے ملکو ں کے لئے امن چاہتی ہے اوراگر میں صرف اپنے لئے یاصرف اپنی قوم کے لئے یاصرف اپنے ملک کے لئے امن کامتمنی ہوں تواس صورت میں مجھے اس کی مدد اس کی نصرت اوراس کی خوشنودی کبھی حاصل نہیں ہوسکتی۔جب یہ عقیدہ دنیا میں رائج ہوجائے تبھی امن قائم ہوسکتاہے ورنہ نہیں۔پس اَلْمَلِکُ الْقُدُوْسُ السَّلَامُکہہ کر قرآن کریم نے انسانی ارادوں کو پاک و صاف کردیا۔اوریہ تسلیم شدہ بات ہے کہ جب تک ارادے درست نہ ہوں اس وقت تک کام بھی درست نہیں ہوسکتا۔دنیا میں اس وقت جتنے فساد اورلڑائیاں ہیں سب اسی وجہ سے ہیں کہ انسانوں کے ارادے صاف نہیں۔وہ منہ سے جوباتیں کرتے ہیں ان کے مطابق ان کی خواہش نہیں اوران کی خواہشا ت کے مطابق ان کے اقوال اورافعال نہیں۔ آج سب دنیا کہتی ہے کہ لڑائی بُری چیز ہے لیکن اس کامطلب صرف یہ ہوتاہے کہ اگر ہمارے خلاف کوئی لڑے تویہ بُری بات ہے لیکن اگر ان کی طرف وسے جنگ کی ابتداہو تو یہ کوئی بری بات نہیں سمجھی جاتی ۔اوریہ نقص اسی وجہ سے ہے کہ لوگوں کی نظر ایک ایسی ہستی پر نہیں جو سلام ہے ۔وہ سمجھتے ہیں جہاں تک ہمارافائدہ ہے ہم ان باتوں پر عمل کریں گیت مگر جب ہمارے مفاد کے خلاف کوئی بات آئے گی تواسے رد کردیں گے ۔مگر قرآن کریم میں جوخداتعالیٰ کے نام بتائے گئے ہیں ان سے معلوم ہوتاہے کہ وہ سب کا خداہے کسی ایک کانہیں۔اوریہی عقیدہ حقیقی امن کی طرف دنیا کولاسکتاہے کہ دنیا کاایک خداہے جویہ چاہتاہے کہ سب لوگ امن سے رہیں ۔جب ہمارایہ عقیدہ ہوگا تواس وقت ہماری خواہشات خود غرضی پر مبنی نہیں ہوں گی ۔بلکہ دنیا کو عام فائدہ پہنچانے والی ہوں گی اس وقت ہم یہ نہیں دیکھیں گے کہ فلاں بات کا ہمیں فائدہ پہنچتاہے یانقصان بلکہ ہم یہ دیکھیں گے کہ سار ی دنیا پر اس کاکیا اثر ہے۔ یوں تودنیا ہمیشہ اپنے فائدہ کے لئے دوسروں کے امن کو برباد کرتی رہتی ہے ۔لیکن اس عقیدہ کے ماتحت ایساکرنے کی جرأت اس میں نہیں ہوگی کیونکہ وہ سمجھے گی کہ اگر میں نے ایساکیا تو ایک بالا ہستی مجھے کچل کر رکھ دے گی ۔جیسے ایک بچہ دوسرے کاکھلونا چھین لیتاہے تووہ اپنے لئے امن حاصل کرلیتاہے لیکن اس کے ساتھ ہی دوسرے کاامن بھی چھیناجاتاہے ۔اورایک توخوش ہورہاہوتاہے اوردوسرارورہاہوتاہے ۔ ایسی حالت میں کیا تم سمجھتے ہو کہ ماں باپ یا استاد اگر وہاں موجود ہوں تو وہ اس کھیل کو جاری رہنے دیںگے ؟وہ کبھی اس کو برداشت نہیں کریں گے ۔بلکہ جس بچہ نے کھلوناچھین اہوگا اس کاکھلونا لے کر اس کے اصل مالک کو دے دیں گے ۔اورجب و ہ ایساکرتے ہیں تب بچہ سمجھتا ہے کہ وہ امن جودوسرے کے امن کو برباد کرکے حاصل کیاجاتاہے وہ کبھی قائم رہنے والانہیں ہوتا۔حقیقی امن وہی ہوتاہے جوایسی صورت میں حاصل ہو جب کہ کسی کے حق کو تلف نہ کیا گیاہو ۔
غرض حقیقی امن اس وقت تک حاصل نہیں ہوسکتا جب تک ایک بالاہستی تسلیم نہ کی جائے اوریہ عقیدہ کہ اللہ تعالیٰ امن دینے والاہے صرف اسلام نے ہی پیش کیاہے اوراس نے کہا ہے کہ اَلْمَلِکُ الْقُدُوْسُ السَّلَامُ۔
اس کے بعد وہ پیغام ہے جو اس ہستی کی طرف سے آتاہے ۔کیونکہ جب ایک امن قائم رکھنے کی خواہشمند ہستی کاپتہ مل گیا ۔توانسان کے دل میں یہ معلوم کرنے کی بھی خواہش پیداہوجاتی ہے کہ آیا اس نے امن قائم کرنے کاکوئی سامان بھی کیاہے یانہیں۔کیونکہ اگر اس نے امن قائم کرنے کا کوئی سامان نہیںکیا تویہ لازمی بات ہے کہ اگر ہم خود امن قائم کرنے کی کوشش کریں گے تواس بات کا امکان ہوسکتاہے کہ بجائے امن کے فساد پیداکردیں ۔پس محض امن قائم کرنے کی خواہش انسان کو صحیح راستہ پر قائم نہیں کرسکتی جب تک ایک بالاہستی کی ایسی ہدایات بھی معلوم نہ ہوں جوامن قائم کرنے میں ممد اورمعاون ہوں ۔کیونکہ اگر انسان کو اپنے بالا افسر کی خواہشات کا صحیح علم نہ ہو توانسان باوجود اس آرزو کے کہ و ہ اس کے احکام کی اطاعت کرے اسے پوری طرح خوش نہیں رکھ سکتا۔ پس اگر ہمیں اپنے بالا افسر کی خواہش تومعلوم ہولیکن اس خواہش کو پوراکرنے کاطریق معلوم نہ ہو ۔تب بھی ہماراامن قائم نہیں رہ سکتا کیونکہ ممکن ہے ہم کوئی اورطریق اختیار کریں اوراس کا منشاء کو ئی اورطریق اختیار کرناہو۔پس ہمارے امن کے لئے یہ بھی ضروری ہے کہ و ہ بالاہستی ہمیں کوئی ایساذریعہ بھی بتائے جو امن قائم کرنے والاہو۔سوا س غرض کے لئے جب ہم قرآن کریم کو دیکھتے ہیں اوریہ معلوم کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ آیا اس نے کوئی ایساذریعہ بتایاہے یانہیں توسورئہ بقرہ میں اس کا جواب نظر آتاہے اللہ تعالیٰ فرماتاہے :۔وَاِذْ جَعَلْنَا الْبَیتَ مَثَابَۃً لِّلنَّاسِ وَاَمْنًا(بقر ہ آیت ۱۲۶)یعنی یہ جو آسمان پر سلام خداکی خواہش ہے کہ دنیا میں امن قائم ہو اس کے لئے ضروری تھا کہ ہم ایک مرکز قائم کرتے جودنیا کوامن دینے والاہوتا۔سوہم نے بیت اللہ کومدرسہ بنایا۔یہاں چاروں طرف سے جولوگ جمع ہوں گے اورامن کاسبق سیکھیں گے ۔پس ہمارے خدانے صرف خواہش ہی نہیں کی ۔ صرف یہ نہیں کہا کہ تم امن قائم کروورنہ میں تم کو سزادوں گا ۔بلکہ اس دنیا میں اس نے امن کاایک مرکز بھی قائم کردیا اوروہ خانہ کعبہ ہے ۔فرماتاہے ۔یہاں لوگ آئیں گے اورا س مدرسہ سے لوگ امن کاسبق سیکھیں گے ۔
پھریہ کہ اس مدرسہ کی تعلیم کیا ہوگی ۔اس کے لئے بھی رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے خداسے خبر پاکر اعلان فرمادیا کہ قَدْ جَآئَ کُمْ مِّنَ اللّٰہِ نُوْرٌ وَّ کِتَابٌ مُّبِیْنٌ یَّھْدِیْ بِہِ اللّٰہُ مَنِ اتَّبَعَ رِضْوَانَہٗ سُبُلَ السَّلَامِ ( مائدہ آیت ۱۶۔۱۷) یعنی اے لوگو!تم تاریکی میں پڑے ہوئے تھے ۔تم کو یہ پتہ نہیں تھاکہ تم اپنے خداکی مرضی کو کس طرح پوراکرسکتے ہو۔اس لئے دنیا میں ہم نے تمہارے لئے ایک مدرسہ بنادیاہے ۔مگرخالی مدرسہ کام نہیں دیتا جب تک کتابیں نہ ہوں۔پس فرمایا قَدْ جَآئَ کُمْ مِّنَ اللّٰہِ نُوْرٌ وَّ کِتَابٌ مُّبِیْنٌ۔خداکی طرف سے تمہارے پاس ایک نور آیا ہے جومحمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات ہے اوراس کے ساتھ ایک کتاب مبین ہے۔ایسی کتاب جو ہرقسم کے مسائل کو بیان کرنے والی ہے ۔پس خداتعالیٰ نے اسلام کے لئے امن کا مدرسہ بھی قائم کردیا ۔امن کاکورس بھی مقرر کردیا اورمدرسِ امن بھی بھیج دیا۔مدرّسِ امن محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہیں ااورامن کاکورس وہ کتاب ہے جو یَّھْدِیْ بِہِ اللّٰہُ مَنِ اتَّبَعَ رِضْوَانَہٗ سُبُلَ السَّلَامِ کی مصداق ہے ۔جوشخص خداکی رضاحاصل کرناچاہتاہے ۔ اسے چاہیئے کہ اس کتاب کو پڑھے ا سمیں جس قدر سبق ہیں و ہ سُبُلَ السَّلَامِ یعنی سلامتی کے راستے ہیں۔اورکوئی ایک حکم بھی ایسانہیں جس پر عمل کرکے انسانی امن برباد ہوسکے ۔
ایک بالاہستی کاوجودہی ہمارے ارادوں کو درست کرتاہے ۔مدرسہ کاقیام ہماری عملی مشکلات کو حل کرنے میں مدد دیتاہے اورمحمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات اس کتا ب کی عملی تفسیر ہے ۔جیسا کہ آپ فرماتے ہیں ک میرے ذریعہ خداتعالیٰ نے وہ کتاب بھیج دی ہے جس میں وہ تمام تفصیلات موجود ہیں جن سے امن حاصل ہوسکتاہے ۔
اب یہ سوال رہ جاتاہے کہ یہ امن جو اسلام قائم کرناچاہتاہے کس کے لئے ہے؟اللہ تعالیٰ اس کاجواب دیتے ہوئے فرماتاہے ۔قُلِ الْحَمْدُ لِلّٰہِ وَسلامٌ عَلیٰ عِبَادِہِ الَّذِیْنَ اصْطَفٰے وہ بندے جو خداتعالیٰ کے پسندیدہ ہوجائیں اوراپنے آپ کو اس کی راہ میں فداکردیں ان کے لئے بھی امن پیداہوجائے گا اوروہ بھی باامن زندگی بسر کرنے لگ جائیں گے ۔یہاں محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بتایاکہ تما م لو گ جوآپ کی اتباع کرنے والے اورآپ ک مدرسہ میں تعلیم حاصل کرنے ولاے ہیں ان کے لئے کامل امن ہے اوروہ اپنی زندگی کے کسی حصہ میں بھی بدامنی نہیں دیکھ سکتے ۔
پھر سوال پیداہوتاتھا کہ جب خدا سلام ہے تواس کی طرف سے امن ساروں کے لئے آناچاہیئے ۔نہ کہ بعض کے لئے۔کیونکہ اگر خالی اپنوں کے لئے امن ہوتو یہ کو ئی کامل امن نہیں کہلاسکتا ۔اس کابھی اللہ تعالیٰ قرآن کریم میں جواب دیتاہے ۔فرماتاہے ۔ وَقِیْلِہٖ یٰرَبِّ اِنَّ ھٰؤُ لَٓائِ قَوْمٌ لَّایُؤْمِنُوْنَ۔فَاصْفَحْ عَنْھُمْ وَقُلْ سَلَامٌ فَسَوْفَ یَعْلَمُوْنَ(زخرف آیت ۸۹۔۹۰)یعنی محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک ایسی تعلیم لے کرآئے ہیں جوساروں کے لئے ہی امن کاموجب ہے اورہرشخص کے لئے وہ رحمت کا خزانہ اپنے اندر پوشیدہ رکھتی ہے ۔مگرافسوس کہ لوگ اس کو نہیںسمجھتے ۔بلکہ و ہ اس تعلیم کے خلاف لڑائیاں اورفساد کرتے ہیں جوان کے لئے نوید اورخوشخبری ہے یہاں تک کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کوبھی یہ کہناپڑاکہ خدایامیں اپنی قوم کی طرف امن کا پیغام لے کرآیا تھا مگر اِنَّ ھٰؤُ لَٓائِ قَوْمٌ لَّایُؤْمِنُوْنَ یہ قوم جس کے لئے میں امن کاپیغام لایاتھا یہ تومجھے بھی امن نہیں دے رہی اٰمَنَ کے معنے ایمان لانے کے بھی ہوتے ہیں اور اٰمَنَ کے معنے امن دینے کے بھی ہوتے ہیں (اقرب)وَقِیْلِہٖ یٰرَبِّ اِنَّ ھٰؤُ لَٓائِ قَوْمٌ لَّایُؤْمِنُوْنَمیں اسی امر کا ذکر ہے کہ ہمارانبی ہم سے پکار پکارکرکہتاہے کہ خدایا باوجود یکہ میں اپنی قوم کے لئے امن کاپیغام لایاتھا وہ اس کی قد رکرنے کی بجائے میری مخالفت پر کمر بستہ ہو گئی ہے یہاں تک کہ ان لوگوں نے میرے امن کو بالکل برباد کردیا۔مگرفرمایا۔فَاصْفَحْ عَنْھُمْ۔ہم نے اپنے نبی سے یہ کہا ہے کہ ابی ان لوگوںکوتیری تعلیم کی عظمت معلوم نہیں اس لئے وہ غصہ میں آجاتے ہیں اورتیری مخالفت پر کمر بستہ رہتے ہیں توان سے درگذر کر۔کیونکہ ہم نے تجھے امن کے قیام کے لئے بھیجا ہے وَقُلْ سَلَامٌ۔اورجب تجھ پریہ لوگ حملہ کریں اورتجھے ستائیں توتویہی کہتا رہ کہ میں تو تمہارے لئے سلامتی لایاہوں فَسَوْفَ یَعْلَمُوْنَ عنقریب دنیا کومعلوم ہوجائے گا کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم دنیا کے لئے امن لایاتھا۔لڑائی نہیں لایاتھا ۔گویا وہ امن جو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم لائے وہ صرف مومنوں کے لئے ہی امن نہ رہا۔ بلکہ سب کے لئے امن ہوگیا ۔
پھر صرف محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو ہی نہیں بلکہ تمام مومنوںکو مخاطب کرکے اللہ اتعالیٰ فرماتاہے کہ وَاِذَاخَاطَبَھُمُ الْجَاھِلُوْنَ قَالُوْاسَلَامًا( سورہ فرقان آیت ۶۴)وہ جاہل جو اسلام کی غرض و غایت کونہیں سمجھتے جب مسلمانوں سے لڑناشروع کردیتے ہیں ۔ تومومن کہتے ہیں کہ ہم توتمہاری سلامتی چاہتے ہیں چاہے تم ہمارابُراہی کیوں نہ چاہو ۔جب دشمن کہتاہے کہ تم کیسے گندے عقائد دنیا میں رائج کررہے ہو۔تووہ کہتے ہیں یہ گندے عقائد اوربیہودہ باتیں نہیں ۔بلکہ سلامتی کی باتیں ہیں۔گویارسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی لائی ہوئی سلامتی صرف رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے ہی نہیں بلکہ مومنوں کے لئے بھی ہے ۔اورصرف مومنوں کے لئے ہی نہیں بلکہ ساری دنیا کے لئے ہے ۔
پھر سوال پیداہوتاہے کہ یہ سلامتی عارضی ہے یامستقل۔کیونکہ یہ توہم نے ماناکہ السَّلام خداسے امن لاکر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دنیا کو دیا ۔مگر بعض امن عارضی بھی ہوتے ہیں جن کے نیچے بڑی بڑی خرابیاں پوشیدہ ہوتی ہیں جیسے بخار کامریض جب ٹھنڈاپانی پیتاہے تواسے بڑاآرام محسوس ہوتاہے ۔مگردومنٹ کے بعدیکدم اس کابخار تیز ہوجاتاہے ۔اورکہتاہے ’’آگ لگ گئی ‘‘پھر برف پیتاہے ۔اورسمجھتاہے کہ آرام آگیا مگریکدم اسے بے چینی شروع ہوجاتی ہے ۔پس سوال ہوسکتاہے کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جوامن دے رہے ہیں یہ عارضی ہے یا مستقل؟اس کاجواب دیتے ہوئے فرماتاہے :۔وَاللّٰہُ یَدْعُوْٓااِلیٰ دَارِ السَّلَامِ(یونس آیت ۲۶)کہ دنیا فسادوں کی طرف لے جاتی ہے مگر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعہ جو تعلیم دی گئی ہے وہ موجودہ زمانہ ہی کے لئے نہیں ۔بلکہ وہ ایک ایساامن ہے جو مرنے کے بعد بھی چلتاچلاجاتاہے اورجواس دنیا کے بعد ایک ایسے گھر میں انسان کو پناہ دیتاہے جہاں سلامتی ہی سلامتی ہے گویایہ زنجیر ایک مکمل زنجیر ہے ۔اس کے ماضی میں ایک سلام ہستی کھڑی ہے اس کے حال میں امن ہے کیونکہ ایک مدرسئہ امن جاری ہوگیاہے اورایک مدرّسِ امن خداتعالیٰ نے بھیج کر امن کاکورس بھی مقررکردیا۔اورعملی طور پر ایک ایسی جماعت تیار کردی جو وَاِذَاخَاطَبَھُمُ الْجَاھِلُوْنَ قَالُوْاسَلَامًاکی مصداق ہے ۔پس اس کے ماضی میں بھی امن ہے اوراس کے حاضر میں بھی امن ہے۔پھر اس کے مستقبل میں بھی امن ہے۔کیونکہ وَاللّٰہُ یَدْعُوْٓااِلیٰ دَارِ السَّلَامِ مرنے کے بعدوہ انسان کو ایک ایسے جہان میں لے جائے گا ۔جہاں سلامتی ہی سلامتی ہوگی۔پس یہ ساری زنجیر مکمل ہوگئی اورکوئی جزو تشنئہ تکمیل نہ رہا۔
اس کے بعدقیام امن کے ذرائع کاسوال آتا ہے۔سواس کے متعلق بھی قرآن کریم روشنی ڈالتااور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زبان سے یہ اعلان فرماتاہے کہ وَکَیْفَ اَخَافُ مَآاَشْرَکْتُمْ وَلَاتَخَافُوْنَ اَنَّکُمْ اَشْرَکْتُمْ بِاللہِ مَالَمْ یُنَزِّلْ بِہٖ عَلَیْکُمْ سُلْطٰنًا۔ فَاَ یَّ الْفَرِیْقَیْنِ اَحَقُّ بِالْاَمْنِ۔اِنْ کُنْتُمْ تَعْلَمُوْنَ۔(انعام آیت ۸۲) یعنی میرے دل کاامن ان بتوں کودیکھ کر کس طر ح برباد ہوجائے جن کو تم خدائے واحدکا شریک قراردے رہے ہو۔ وَلَاتَخَافُوْنَ اَنَّکُمْ اَشْرَکْتُمْ بِاللہِ مَالَمْ یُنَزِّلْ بِہٖ عَلَیْکُمْ سُلْطٰنًا حالانکہ تم اپنے دلوں میں جھوٹے طورپر مطمئن ہو۔خطرہ تمہارے ارد گرد ہے۔پس اگر تم عدمِ علم اورجہالت کے باوجود مطمئن ہو اورتمہاراعدم علم تم کوامن دے سکتاہے توتم کس طرح سمجھ سکتے ہو کہ میرا کامل علم مجھے امن نہیں بخش سکتا ۔فَاَ یَّ الْفَرِیْقَیْنِ اَحَقُّ بِالْاَمْن تم بتائوان دونوں میں سے کس کو امن حاصل ہوگا؟اِنْ کُنْتُمْ تَعْلَمُوْن۔اگر تم حماقت کی باتیں نہ کرو اورعقل و خرد سے کام لو تو تم سمجھ سکتے ہوکہ کو ن مامون ہے اورکون غیر مامون ۔
اس جگہ امن کے قیام کے لئے اللہ تعالیٰ نے دوعظیم الشان گُر بیان فرمائے ہیں ۔اول یہ کہ توحید کامل کے قیام کے بغیر امن قائم نہیں ہوسکتا ۔کیونکہ جب تک توحید قائم نہ ہوگی اس وقت تک لڑائیاں جاری رہیں گی ۔شرک کاصرف اتنا ہی مفہوم نہیں کہ کوئی ایک کی بجائے تین خدائوں کا قائل ہو ۔بلکہ جب باریک در باریک رنگ میں شرک شروع ہوتاہے توکئی قسم کا شرک نظر آ نے لگ جاتاہے ۔ اس کے علاوہ جب مختلف مذاہب کی تعلیمیں مختلف ہیں ان کے خیالات مختلف ہیں تو اس احالت میں امن اس وقت تک قائم ہی نہیں ہوسکتا جب تک لوگوں کے اند رحقیقی مواخات پیدانہ ہو اورحقیقی مواخات ایک خداکے بغیر نہیں ہوسکتی ۔دنیا میں اس بات پر تو لڑائیاں ہوجاتی ہیں کہ ایک کہتا ہے میرادادافلاں عظمت کا مالک تھا اوردوسراکہتاہے میراداداایساتھا ۔مگر کبھی تم نے بھائیوںکو اس بات پر لڑتے نہیں دیکھا ہوگا کہ ایک دوسرے کو کہے میں شریف النسب ہوں اورتم نہیں ۔اسی طرح جب دنیا میں توحید کامل ہوگی ۔تبھی اس قسم کی لڑائیاںبند ہوں گی پس اخوت و مساوات کاجوسبق توحید سے حاصل ہوتاہے اَورکسی طرح سے حاصل نہیں ہوسکتا۔چنانچہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی لائی ہوئی تعلیم ک متعلق دشمن بھی اقرار کرتاہے کہ اخوت کا جو سبق آپ نے دیا اورکسی نے نہیں دیا ۔ حقیقت یہ ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اخوت کاسبق الگ کرکے نہیں دیابلکہ آپ نے اصل میں توحید کاسبق دیاجس کالازمی نتیجہ یہ ہواکہ مسلمانوں می اخوت پیداہوگئی ۔مثلاً جب مَیں نماز میں کہوں الحمد للہ رب العالمین سب تعریف اسی اللہ کی ہے جوعیسائیوں کا بھی رب ہے ۔ہندوئوں کا بھی رب ہے یہودیوںکا بھی رب ہے ۔تومیرے دل میں ان قوموں کی نفرت کس طرح ہوسکتی ہے ۔جبکہ میں رب العالمین کے لفظ کے نیچے تمام قوموں اورتمام نسلوں کو لے آتاہوں ۔میں جب نماز میں الحمد للہ رب العالمین کہتاہوں تو تودوسرے الفاظ میں یہ کہتا ہوں کہ الحمد للہ رَبِّ الْمَذاھِبِ کُلِّھَا۔یعنی میں ا س خدا کی تعریف کرتاہوں جو تمام مذاہب کارب ہے ۔اسی طرح جب میں الحمد للہ رب العالمین کہتا ہوں تو ا سکے معنے یہ بھی ہوتے ہیں کہ الحمد للہ رب الاقوام کلھا یعنی میں اس خداکی تعریف کرتاہوں جوتمام اقوام کا رب ہے اسی طرح جب مَیں الحمد للہ رب العالمین کہتاہوں تواس کے یہ معنے بھی ہوتے ہیں کہ الحمد للہ ربِّ الْبِلادِ کُلِّھَایعنی میں اس خداکی تعریف کرتاہوں جو تمام ملکوں کارب ہے ۔اورجب کہ میں تمام اقوام ۔تما م ملکوںاورتمام
لوگوں میں حسن تسلیم کروںگا تویہ ممکن ہی نہیں کہ میں ان سے عداوت رکھ سکوں۔پس الحمد للہ رب العالمین میں بتادیاگیاہے کہ اگر حقیقی توحید قائم ہواوررب العالمین کی حمد سے انسان کی زبان تر ہو تویہ ممکن ہی نہیں کہ کسی قوم کا کینہ انسان کے دل میں رہے اورا یک طر ف تووہ ان کی بربادی کی خواہش رکھے اوردوسری طرف ان کو دیکھ کر اللہ تعالیٰ کی حمد اورتعریف بھی کرے ۔
دوسرانکتہ اللہ تعالیٰ نے محمد رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعہ یہ نازل فرمایاہے کہ مَالَمْ یُنَزِّلْ بِہٖ علیکم سُلْطٰنًا یعنی دنیا میں امن تبھی برباد ہوتاہے ۔جب انسان فطرتی مذہب کو چھو ڑکررسم و رواج کے پیچھے چل پڑتاہے ۔اگرانسان طبعی اورفطرتی باتوں پر قائم رہے توکبھی لڑائیاں اورجھگڑے نہ ہوں۔یہی وجہ ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ۔اسلام دین فطرت ہے اورحقیقت یہی ہے کہ جو دین فطرت ہو گا ۔وہی دنیا میں امن قائم کرسکے گا اوروہی مذہب امن پھیلاسکے گا جس کاایک ٹکڑا انسان کے دماغ میں ہو۔آخر یہ ہوکس طرح سکتاہے کہ اللہ تعالیٰ ہم کو ا س تعلیم کی طرف بلائے جس کاجواب ہماری فطرت میں نہیں اورجس کی قبولیت کا مادہ پہلے سے خدانے ہمارے دماغ اورہمارے ذہن میں نہیں رکھا ۔پس فرمایامَالَمْ یُنَزِّلْ بِہٖ علیکم سُلْطٰنًا تم کہہ دو کہ تم ان تعلیمو ں کے پیچھے چل رہے ہو جو فطرت کے خلاف ہیں اور میں تم کو ان باتوں کی طرف بلاتاہوں جو تمہاری فطرت میں داخل ہیں ۔اب جو ںجوں انسان اپنی فطرت کو پڑھنے کی کوشش کرے گااس کادل پکار اُٹھے گا کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھ میں جو کتا ب ہے و ہ بالکل سچی ہے۔ کیونکہ ا س کادوسرانسخہ میرے ذہن میں بھی ہے ۔اس طرح آہستہ آہستہ دنیا ایک مرکز پر آجائے گی اورایک ہی خیال پر متحد ہوجائے گی جس کے نتیجہ می امن قائم ہوجائے گا ۔
اب ایک اورسوال باقی ر ہ جاتاہے اوروہ یہ کہ بے شک محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مدرّسِ امن ہیں۔بے شک آپؐ نے امن کا مدرسہ دنیا میں جاری کردیا بے شک امن کا کورس خدانے مقرر کردیا ۔بیشک اسلام نے تعلیم وہ دی ہے جو فطرت کے عین مطابق ہے اورجسے دیکھ کر انسانی فطرت پکار اٹھتی ہے کہ واقعہ میں یہ صحیح تعلیم ہے ۔مگر کیا لڑائی بالکل ہی بُری چیز ہے؟ قرآن کریم اس کابھی جواب دیتا اورفرماتا ہے کہ امن کے قیام کے لئے بعض دفعہ جنگ کی بھی ضرورت ہوتی ہے ۔چنانچہ فرماتاہے۔وَلَوْلَا دَفْعُ اللہِ النَّاسَ بَعْضَھُمْ بِبَعْضٍ لَّفَسَدَتِ الاَرْضُ وَلٰکِنَّ اللّٰہَ ذُوْفَضْلٍ عَلَی الْعٰلَمِیْنَ(بقرہ آیت ۲۵۲)کہ بیشک امن ایک قیمتی چیز ہے ۔بے شک ا س کی تعلیم خدانے انسانی دماغ میں رکھی ہے ۔مگرکبھی انسان کا دماغ فطرت سے اتنا بعید ہوجاتاہے کہ اورانسانی عقیدے فطرت سے اتنے پر ے ہٹ جاتے ہیں ۔کہ وہ امن سے بالکل دورجاپڑتے ہیں ۔اورنہ صرف امن سے دورجا پڑتے ہیں بلکہ حرّیتِ ضمیر کوبھی باطل کرناچاہتے ہیں۔فرماتاہے ایسی حالت میں امن کے قیام اوراس کو وسعت دینے کے لئے ضروری ہوتاہے کہ جو شرارتی ہیں ان کامقابلہ کیاجائے پس وہ جنگ امن ہٹانے کے لئے نہیں بلکہ امن قائم کرنے کے لئے ہوگی ۔جیسے اگر انسان کے جسم کا کوئی عضو سڑ گل جائے تو فیس خرچ کرکے بھی انسان ڈاکٹرسے کہتاہے کہ اس عضو کو کاٹ دو ۔اسی طرح کبھی ایسے گروہ دنیا میں پیداہوجاتے ہیں جو سرطان اورکینسر کا مادہ اپنے اندر رکھتے ہیں۔اورضروری ہوتاہے کہ ان کا اپریشن کیا جائے تاو ہ باقی حصہ قوم کو بھی گند ہ اورناپاک نہ کردیں ۔پس فرمایا وَلَوْلَا دَفْعُ اللہِ النَّاسَ بَعْضَھُمْ بِبَعْض۔اگر بعض کے ذریعہ اللہ تعالیٰ بعض کی شرارتوںکو دور نہ کرتا تو لَفَسَدَتِ الارضُ۔ بجائے امن قائم ہونے فساد بڑھ جاتا۔جس طرح سپاہیوں کو بعض دفعہ لاٹھی چارج کا حکم دیاجاتاہے ۔اسی طرح فرمایا ۔بعض دفعہ ہم بھی اپنے بندوںکو اجازت دیتے اورانہیں کہتے ہیں جائو اورلاٹھی چار ج کرو اس لئے کہ لَفَسَدَتِ الارضُ اگر لاٹھی چارج نہ کیاجاتا۔توساری دنیا کاامن برباد ہوجاتا ۔وَلٰکِنَّ اللّٰہَ ذُوْفَضْلٍ عَلَی الْعٰلَمِیْنَ لیکن اللہ تعالیٰ صرف ایک قوم کو ہی امن نہیں دیناچاہتا بلکہ وہ ساری دنیا کو باامن دیکھنے کاخواہشمند ہے ۔اورچونکہ ان لوگوں سے دنیا کاامن برباد ہوتاہے اس لئے ضروری ہوتا ہے کہ ان کا مقابلہ کیا جائے ۔تاساری دنیا میں امن قائم ہو۔بیشک اس کے نتیجہ میں خود ان لوگوںکا امن مٹ جائے گا ۔مگر دنیا میں ہمیشہ مواز نہ کیا جاتاہے ۔جب ایک بڑافائدہ چھوٹے فائدہ سے ٹکراجائے تو اس وقت بڑے فائدے کولے لیاجاتا اورچھو ٹے فائدہ کو قربان کردیاجاتاہے ۔اسی طرح کثیر حصہء دنیا کے امن کی خاطر ایک قلیل گروہ سے جنگ کی جاتی ہے اوراس وقت تک اسے نہیں چھوڑاجاتا جب تک وہ خلاف امن حرکات سے باز نہ آجائے ۔
یہ ایک مختصر ساڈھا نچہ اس تعلیم کاہے جو اسلا م نے قیام امن کے سلسلہ میں دی ۔اس سے ہرشخص اندازہ لگاسکتاہے کہ اسلام نے کس جامعیت اورتفصیل کے ساتھ اس مسئلہ کو بیان کیاہے جبکہ باقی مذاہب اس مسئلہ پر بالکل خاموش ہیں اورانہوں نے نسل انسانی کی کوئی راہنمائی نہیں کی ۔صرف یہ کہہ دینا کہ اگر کوئی شخص تمہارے ایک گال پر تھپڑ مارے توتم اپنادوسراگال بھی اس کی طرف پھیر دو۔ اگر کو ئی شخص تم سے قمیص مانگے تواسے چوغہ بی اتار دو۔اگر کوئی شخص تمہیں ایک کوس بیگار میں لے جاناچاہے توتم دوکوس چلے جائو ۔ (متی باب ۵آیت ۳۹تا ۴۲)بین الاقوامی مشکلات کاکوئی حل نہیں کہلا سکتا ۔اورنہ عیسائیت اوریہودیت صرف اس تعلیم پر عمل کرکے کبھی دنیا میں امن قائم کرنے میں کامیاب ہوئی ہے ۔بلکہ حقیقت تویہ ہے کہ اس تعلیم پر عمل امن نہیں بلکہ بد امنی پیداکرنے کاموجب ہے۔اگرکوئی شخص ایک کوس پر اپنے گھر کاسامان لے جاناچاہتاہے ۔اورایک مزدورکو وہ زبردستی پکڑ لیتاہے تومسیحیت کہتی ہے کہ اے مزدور پکڑاجااورمقابلہ نہ کر ۔مگرجب اسکاگھر آجا ئے تووہاں ٹھہر نہیں بلکہ ایک کوس اورآگے چلا جا۔اب بتائو اس تعلیم پر عمل کرکے کس کو امن ملا ۔دوسرے شخص کو خود اسباب اٹھاکرواپس لاناپڑے گا اورمزدورکو ایک کوس زائد بوجھ اٹھا ناپڑے گا ۔گویا دونوںکو بدامنی ملی ۔امن نہ ملا ۔
امن صرف اسی تعلیم پر عمل کرکے قائم ہوسکتاہے جو اسلام نے پیش کی ہے ۔کیونکہ اسلام ایک ایسی کتاب مبین پیش کرتاہے جواپنے تمام احکام پر بالتفصیل روشنی ڈالنے والی ہے اورجس کامقابلہ نہ تورات کرسکتی ہے ن انجیل کرسکتی ہے ۔نہ ژند واوستاکرسکتے ہیں اورنہ دنیا کی کو ئی اورکتاب یاصحیفہ کرسکتاہے ۔
کتاب مبین کے ذکر میں اس امر کابیان کردینا بھی ضروری معلوم ہوتاہے کہ اللہ تعالیٰ نے کتاب مبین کی شناخت کاانحصار صرف ظاہری دلائل اوربراہین پرہی نہیں رکھا بلکہ اس نے کتاب مبین کی سچائی کے لئے ایک اَورکتاب بھی تیار کی ہوئی ہے جسے قرآنی اصطلاح میں کِتاَبٌ مَّکْنُوْن(سورئہ واقعہ آیت ۷۹)کہاجاتاہے ۔کتاب مکنون کی مثال اس پانی کی سی ہے جوزمین کے اند رمخفی ہوتاہے اورکتاب مبین کی مثال نہروں اوردریائوں اورچشموں کے پانی کی سی ہے جو ظاہر ہوتاہے ۔جس طرح نہروں اوردریائو ں اوربادلوں کے پانی کی وجہ سے کنوئوں کا پانی بھی چڑھ آتاہے ۔اسی طرح کتا ب مین کی آمدپر کتاب مکنون بھی اپنے خزانے اگلنے لگتی ہے ۔اورجب کتاب مبین کاپانی برسنا بند ہوجائے توکتاب مکنون بھی مخفی ترہوجاتی ہے ۔کتاب مکنون سے مراد فطرت صحیحہ اورضمیر ہے اورکتاب مبین خداتعالیٰ کاتازہ الہام ہے ۔اورکتاب مبین کی سچائی کاثبوت یہ ہوتاہے کہ وہ کتاب مکنون کے مطابق ہو گویا اصل میں یہ دونوں ٹکڑے ایک ہی کل کے ہیں جسے کتاب مطلق کہنا چاہیئے اورجب کتاب مکنون اورکتاب مبین کااتحاد ہوجائے توسمجھ لینا چاہیئے کہ وہ کتاب مبین اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہے۔گویاکہ اللہ تعالیٰ نے آئندہ لوگوںکو دھوکے سے بچانے کے لئے اپنی کتاب کا ایک ٹکڑا ان کے دلوں اوردماغوں میں بھی رکھ دیاہے۔تاکہ جو کتاب اس کے مطابق ہو وہ اس کی سمجھی جائے اورجو اس کے مطابق نہ ہو وہ جھوٹی قرار پائے ۔اس کی ایسی ہی مثال ہے جیسے ۱۹۲۴؁ء میں مَیں جب ولایت سے واپس آرہاتھاتوجہاز کا ایک انجینئر مجھے علیحدگی میں لے گیا ۔اورکہنے لگاآپ کے ولایت جانے کے لئے تبلیغ توایک بہانہ ہے آپ کسی اَوراہم کام کو سرانجام دینے کے لئے گئے ہوں گے ۔میںنے کہا ۔ہم تو صرف تبلیغ کے لیء ہی گئے تھے اس کے علاوہ اورکوئی کام ہمارے مدنظر نہ تھا ۔مگر چونکہ اس کے دل میں یہی جم چکاتھا کہ کسی اورکام کے لئے گئے تھے اورتبلیغ کو آڑ بنالیاتھا وہ کہنے لگا کہ آپ توانگریزوں کے خلاف کسی قسم کی کوشش کرنے گئے ہوں گے اورآپ کا یہ ظاہرکرنا کہ ہم تبلیغ کے لئے گئے تھے ایک بہانہ ہے ۔میں نے پھر اسے وہی جواب دیاکہ تبلیغ کے سواہمار اکو ئی اورمدعانہ تھا ۔مگر وہ اپنی دھن میں یہی کہتا رہا کہ تبلیغ تو صرف بہانہ ہے ۔اس کے بعد وہ کہنے لگا ۔میں اپنی خدمات آپ کے پیش کرتاہوں ۔آپ میرے سپر دکوئی کام کریں ۔اوراگرآپ نے اپنے نمائندوںکو کسی قسم کی مخفی ہدایات پہنچانی ہوں تومیں اس کا م کوبخوبی سرانجام دے سکوں گا اوربڑی حفاظت سے ان تک پہنچا دیاکروں گا ۔اس کے بعداس نے مزید اعتبار جمانے کے لئے ایک وزیٹنگ کارڈ VISITING CARD نکالااوراس کے دوٹکڑے پھاڑ کرکہا ۔جب آپ مجھے اس قسم کی ہدایات پرمشتمل خط بھیجیں تووزیٹنگ کارڈ کا نصف حصہ اس کے ساتھ مجھے بھیج دیں اوردوسرانصف حصہ اپنے اس نمائندہ کو جس کو وہ خط پہنچاناہوبھیجدیاکریں وہ نمائندہ جب وہ نصف وزیٹنگ کار ڈ دکھا کر مجھ سے آپ کے مخفی خط کا مطالبہ کرے گا تومیں اس کے نصف وزیٹنگ کارڈ کو اپنے والے نصف کے ساتھ ملاکر دیکھ لوں گا ۔اوراگر وہ دونوں ٹکڑے آپس میں مل گئے تومیں سمجھ جائو ں گا کہ یہ خط اسی کو دینا ہے۔پھر اس نے مثال دی کہ فرض کرو میں اپ کا خط لے کر وینس میں پہنچا اوروہاں دیکھا کہ ایک ہندوستانی شخص میرے انتظار میں کھڑا ہے وہ جب اپنی جیب سے وہ نصف کارڈ نکال کر مجھے دکھائے گا تومیں اپنے وزیٹنگ کارڈ سے ملا کردیکھو ں گا۔اگر مل گیاتو آپ کا خط اس کو پہنچا دوں گا ۔یہ مثال تو اس انجینئر نے اپنی اس غلط فہمی کی بناپر دی تھی کہ ہم انگریزوں کے خلاف کسی قسم کی سازش کرنے گئے تھے ۔لیکن اتنی بات بالکل درست ہے کہ جب کسی کارڈ کے دوحصے آپس میں فٹ آجائیں تواس کارڈ کے صحیح ہونے میں کسی قسم کے شبہ کی گنجائش نہیں رہتی۔ اسی طرح اللہ تعالیٰ نے کتاب مبین کا ایک حصہ انسان کے ضمیر میں رکھ دیاہے اورجب وہ دونوں آپس میں مل جاتے ہیں توکتاب مبین کی صداقت بالکل واضح ہوجاتی ہے ۔مگرجس طرح بارش نہ ہونے پر کنوئوں کے پانی بھی سوکھنے لگتے ہیں۔اسی طرح کتاب مکنون اس وقت تک کام دیتی ہے جب تک کتاب مبین کاپانی برستارہے ۔جب فترۃ کازمانہ آجائے توکتاب مکنون بھی مخفی ترہوجاتی ہے ۔گویادونوں کی مثال دودوستوں اورمحبّوں کی سی ہے کہ جب ایک قریب آتاہے تو دوسرابھی قریب آجاتاہے اورجب ایک دور چلاجاتاہے تودوسرابھی دورچلاجاتاہے۔جب کتاب مکنون کسی شخص کی اپنی جِلاکی وجہ سے نمایاں ہونے لگتی ہے اوراس کامالک اپنی ذکاوت کی وجہ سے اس کے مطابق اعمال کرکے اسے اورزیادہ مصفّٰی کر دیتاہے تو معاً کتاب مبین یعنی الہام الٰہی اس پر نازل ہونے لگتاہے ۔اسی کی طرف اس آیت میں اشارہ کیاگیاہے کہ یَکَادُ زَیْتُھَایُضِیْیٓئُ وَلَوْلَمْ تَمْسَسْہُ نارٌ( النور آیت ۳۶)یعنی فطرت مبارکہ محمدیہ ایسی مصفّٰی اورپاکیز ہ تھی کہ قریب تھاکہ خود بخود بغیر آگ کے جل اٹھتی یعنی بغیر اس کے کہ آسمانی آگ اس کو چھوتی وہ آپ ہی آپ دقائق اورمعرفت کو پالیتی ۔کیونکہ سنت اللہ یہی ہے کہ جب اس اندرونی تیل میں التہاب پیداہونے لگے توآسمانی آگ کووہ خود بخود جذب کرلیتاہے ۔غرض ان دونوں کتابوں کا عجیب جوڑ ہے کہ ایک کے قریب ہونے سے دوسری بھی قریب ہوجاتی ہے ۔فطرت صحیح ہوتی ہے تووہ الہام کو کھینچ لیتی ہے اورالہام کی روشنی کسی کو نصیب ہوجائے ۔تواس کی فطرت کے صحیح جذبات ابھر آتے ہیں ۔اوردونوں میں لازم و ملزوم والی لذت پیداہوجاتی ہے ۔اسی طرح جب کتاب مکنون مٹ جائے توکتاب مبین بھی نصیب نہی ہوتی اورجب کتاب مبین سے انسان محروم ہوجائے توکتا ب مکنون بھی مٹ جاتی ہے ۔یہی وجہ ہے کہ ایمان کامل کبھی خالی فطرت کے غورسے حاصل نہیں ہوسکتا۔کیونکہ حقیقت یہ ہے کہ فطرت کامل ہوتو الہام کامل اس سے جداہی نہیں رہ سکتا۔وہ فوراً اس پر اسی طرح آگرتاہے جس طرح وائرلیس کے صحیح آلہ پر خود بخود خبر گرنے لگتی ہے یاجوازبِ بجلی پر بجلی۔
غرض الہام اورفطر ت صحیحہ ایک جوہرکے دوٹکڑے ہیں اوران کو الگ الگ سمجھنا سخت نادانی اوربے وقوفی ہے ۔فطرت صحیحہ اورجذبات متناسب کے نتیجہ میں ہی عشق الٰہی کی آگ بھڑکاکرتی ہے جوکلام کوکھینچ لیتی ہے اوروصال کو آسان کردیتی ہے ۔پس صحیح اورآسمانی کلام وہی ہوسکتاہے جس کو فطرت صحیحہ اورجذبات سے کامل اتصال ہو اوربجائے جذبات کومارنے کے وہ ان کو صحیح طورپرابھارے اورفطرت صحیحہ اس کی تصدیق کرے کہ ہاں یہ کلام میرے جسم کادوسراٹکڑہ ہے اورفوراًاس کی طرف لپک پڑے۔اس کے مقابلہ میں جو کلام فطرت صحیحہ کو مارنے کی کوشش کرتاہے و ہ یقیناً کتاب مکنون کے مخالف چلتاہے اورخواہ منہ اس کی کس قدر ہی تصدیق کریں دل اس پر مطمئن نہیں ہوسکتے اوروہ ضرور اپنے مقصد کے پوراکرنے میں ناکام رہتاہے ۔کیونکہ وہ نصف دھڑ کی طرح ہے یامجرّد نرہے کہ جو بغیر مادہ کے بچہ نہیں دے سکتا۔غرض قرآن کریم کویہ ایک بہت بڑی فضیلت حااصل ہے کہ وہ کتاب مبین بھی ہے اورفطرت صحیحہ انسانیہ میں بھی یہ کتاب موجود ہے ۔یعنی اس کاکوئی حکم انسانی فطرت کے مغائر نہیں ۔لیکن چونکہ بغیر آسمانی مدد کے فطرت صحیحہ کے باریک خزائن کا بھی اظہار نہی ہوسکتا اس لئے اللہ تعالی کتاب مبین اتارتاہے تاکہ اس کے ذریعہ سے کتاب مکنون کاظہور ہو۔اورکتاب مکنون کے ذریعہ سے کتاب مبین کی لوگوںکو شناخت ہو ۔اسی حقیقت کو صلحاء نے اس طرح بیان فرمایاہے کہ مَن عَرَفَ نَفسہٗ فقد عَرَفَ رَبَّہٗ یعنی دقائق فطرت کو سمجھنے سے ہی انسان کو خداملتاہ ۔مگریہ فقرہ ناقص ہے اورشعرکاصرف ایک مصرعہ ہے حق وہی ہے جو قرآن کریم نے بتایاہے کہ عرفانِ نفس سے خداملتاہے لیکن خداتعالیٰ کے کلام کے بغیر عرفان نفس بھی حاصل نہیں ہوتا۔گویاانسان اپنی حقیقت کو سمجھنے کے لئے بھی کتاب مبین کامحتاج ہے اوریہ دونوں چیز یں ایک دوسرے سے وابستہ اورپیوستہ ہیں۔
پھر فرماتاہے لَعَلَّکَ بَاخِعٌ نَفْسَکَ اَلَّایَکُوْنُوْامُؤْمِنِیْنَ اے محمدؐ رسول اللہ!یہ عظیم الشان کلام جو ہم نے تجھ پر نازل کیاہے اسے لوگوں تک پہنچانے اورانہی اس لازوال دولت سے متمتع کرنے کے لئے تیرے دل میں بنی نوع انسان کی ہدایت کی اتنی شدید تڑپ پائی جاتی ہے کہ شاید تواپنی جان کو اسی غم میں ہلاک کرلے گا کہ کیوں یہ لوگ اس کتاب مبین پر ایما ن نہیں لاتے جوان کی دنیوی اوراُخروی بہبود کے لئے نازل کی گئی ہے اورجس میں ان کی تمام روحانی اورجسمانی ترقیات کے راز مضمر ہیں ۔ بَخَعَ کے معنے ہوتے ہیں ۔اس طرح چھری پھیر ی کہ گردن کے پچھلے حصہ تک پہنچ گئی ۔گویاذبح کرنے میں مبالغہ اورسختی سے کام لیا ۔ان معنوں کومد نظر رکھتے ہوئے ا س آیت میں یہ اشارہ کیاگیاہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو بنی نوع انسان سے اتنی شدید محبت تھی کہ وہ ان کے غم میں اپنے آپ کو ہلاک کررہے تھے ۔اوران کے ہدایت نہ پانے کو اس طرح محسوس کررہے تے جس طرح جوش سے بھراہواانسان آگے سے چھری پھیرنا شروع کرتاہے توگردن کے پچھلے حصہ تک کا ٹ جاتاہے۔دنیا میں اب تک ہزاروں انبیاء گذرے ہیں ۔مگر نبی نوع انسان کی محبت کایہ مقام رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے سوااورکسی کو نصیب نہیں ہوا۔حقیقت یہ ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی جہاں ایک طرف عقل و خرد کی بہترین مثال ہے وہاں اس کے ذریعہ جذبات کابھی نہایت پاکیز ہ طورپر ظہور ہواہے اوریہ جذباتی تمثال حقیقتاً اس نہایت لطیف شعر کا مصداق ہے کہ ؎
ہرگز نمیرد آنکہ دلش زندہ شد بعشق
ثبت است برجریدئہ عالم دوامِ ما
دنیا میں خالی عقل نے کبھی زندگی نہیں پائی ۔زندگی ہمیشہ عشق نے پائی ہے ۔جذبات نے پائی ہے ۔دنیا میں بڑے بڑے فلاسفر اورعاشق گذرے ہیں لیکن جو حکومت عشاق نے لوگوں کے دلوں پر کی وہ فلاسفروں کو حاصل نہیںہوئی۔انبیاء میں حقیقی عشق کی جومثالیں ہیں انہیں نظر اندا زکردو اورمجاز ی عشق ہی کو لے لو ۔کتنے آدمی ہیں جو ارسطویاافلاطون کی باتوںکو جانتے ہیں یاان کانام بھی جانتے ہیں۔مگر کتنے ہیں جومجنوں اورلیلیٰ کو جانتے ہیں اورکتنے ہیں جوان کی نقل کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔کوئی شہر یا قصبہ ایسانہ ہوگا جہاں شاعرنہ ہوں اوریہ شاعرکون ہیں ۔لیلیٰ اورمجنوں کے شاگرد ۔اوران میں سے ان شاعروں کو الگ کرکے جن کو خداتعالیٰ نے قرآن کریم میں علیحدہ کردیاہے اورجودین کی خدمت یاخداتعالیٰ کویاد کرنے کے لئے شعرلکھتے ہیں۔باقی تما م وہی ہیں جو لیلیٰ مجنوی کی نقل کرناچاہتے ہیں۔اگرچہ وہ لیلیٰ اورمجنوں نہیں ہوتے لیکن تم جس وقت ان کا کلام سنو گے توایسامعلوم ہوگا گویاانہوں نے کبھی کھاناہی نہیں کھایا۔کبھی تکیہ سے سر نہیں اٹھایا کہ ساری رات ان کی آنکھیں نہ کھلی رہی ہوں اوران کی آنکھیں کبھی خشک نہیں ہوئیں۔جگر اوردل ان کے جسم میں ہے ہی نہیں۔مدتیں ہوئیں کچھ خون بن کر اورکچھ پانی بن کر بہہ چکا ہے اوروہ جیتا جاگتا وجود جوتمہارے سامنے بیٹھاہوگاکئی دفعہ مرااور دفن ہوچکا اوراس کے معشوق نے آکر اس کی قبر کو ٹھکرادیا۔جس کے معنے یہ ہیں کہ وہ لیلیٰ اورمجنوں کو بھی عشق میں پیچھے چھوڑناچاہتا ہے۔توجتنے دلوں پر عشق نے قبضہ کیاہے عقل نے نہیں کیا ۔مگر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے صرف عقل کے میدان میں ہی اپنی برتری ثابت نہیں کی بلکہ جذبات کے میدان میں بھی و ہ سب عاشقوں سے آگے بڑ ھ گیاحتیّٰ کہ کوئی بھی عاشق عشق میں اس کامقابلہ نہیں کرسکتا۔خداتعالیٰ کے عشق کو جانے دو کیونکہ وہ تمام لوگوںکی رسائی سے بالاہوتاہے ۔ انسانی عشق کو لے لو ۔مجنوں کیا تھا ایک عورت کاعاشق تھا اس کاعشق باغرض تھا وہ اس سے متمتّع ہوناچاہتا تھا ۔اس کے حسن سے فائدہ اٹھاناچاہتاتھا مگراس کے مقابلہ میں محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کاعشق جو دنیا سے تھا وہ کسی فائدہ کی غرض سے نہ تھا ۔تمتّع کے خیال سے نہ تھا اورپھر وہ ایک دوسے نہیں۔ بلکہ سب سے تھا اوربدصورتوں سے اَوربھی زیادہ تھا ۔چنانچہ اللہ تعالیٰ فرماتاہے ۔ لَعَلَّکَ بَاخِعٌ نَفْسَکَ اَلَّایَکُوْنُوْامُؤْمِنِیْن۔اے محمدؐ!(صلی اللہ علیہ وسلم)شاید تواپنی جان کو ہلاک کردے گا ان خوبصورتوں کے لئے نہیں جنہوں نے ابو بکرؓ اورعمرؓ کی طرح ایمان لاکر اپنے چہروںکو منورکرلیاتھا بلکہ ان بدصورت اوربھونڈی شکل کے لوگوں کے لئے جنہیں دیکھ کر گھِن آتی تھی ۔جنہیں دیکھ کر روحانی شخص کو متلی ہونے لگتی تھی جیسے عتبہ اورشیبہ اورابوجہل وغیرہ توان کے عشق میں مراجاتاتھا کہ کیوں ان کو فائدہ نہیں پہنچاسکتا۔مجنوں کاعشق ا سکے مقابلہ میں کیاہے ۔اس نے اس سے محبت کی جس ک شکل اسے پسندتھی۔لیکن محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کاعشق ان لوگوں سے بھی تھا جن کی روحانی شکل آپ کوناپسند تھی ۔پھر اس عشق کا کسی ایک سے نہیں ساری دنیا سے وابستہ تھا ۔صرف اس زمانہ کے لوگوں سے ہی نہیں بلکہ آئندہ زمانوں سے بھی جیسا کہ فرمایا ۔وَاٰخَرِیْنَ مِنْھُمْ لَمَّایَلْحَقُوْبِھِمْ (جمعہ آیت ۴)یعنی محمد رسول اللہ(صلی اللہ علیہ وسلم)صرف اپنے زمانہ کے لوگوں کو ہی فائدہ پہنچانانہیں چاہتابلکہ ان لوگوں کے لئے بھی جو ابھی پیدانہیں ہوئے اپنے دامن فیض کو ممتد کرناچاہتاہے ۔پس غور کررو جذباتی دنیا میں اس کاوجود کتنا عظیم الشان ہے ۔ا س کے عشق کی انتہا ہی نہیں۔وہ اپنے دل میں اللہ تعالیٰ کی محبت سلگاتاہے ۔پھراس سے آسمانوں کی طرف پرواز کرتاہے اوراس کی روح خداکے آستانہ پر گرجاتی ہے اوراس کی محبت اللہ تعالیٰ کی محبت سے چنگاری لیتی ہے گویامحدود محبت غیر محدود محبت کو کھینچتی ہے اورپھر دنیا میں اتی ہے اوربعینہٖ اسی طرح جس طرح مشرق سے نکل کر آفتاب کی شعاعیں روئے زمین پرپھیلنی شروع ہوجاتی ہیں اس کی محبت بھی پھیلتی ہے ۔مشرق و مغرب۔گورے و کالے ۔خوبصورت اوربدصورت سب کو اپنے دامن میں سمیٹ لیتی ہے ۔پھر وہ مکان کی حدبندیوںکو توڑتی ہوئی نکل جاتی ہے اورصدیوں کے بعد صدیاں گذر تی ہیں مگر وہ محبت ختم نہیں ہوتی اورنہ ہوگی ۔یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ اس دنیا کی صف لپیٹ دے ۔اوربنی نوع انسان کو دنیا سے اٹھالے ۔
یوں توہرنیک بندے پر محبت کے ایام کبھی کبھی آتے ہیں ۔حضرت نظام الدینؒصاحب اولیاء کے متعلق ذکر آتا ہے کہ ایک دفعہ اپنے شاگردوں کے ساتھ جارہے تھے کہ راستہ میں ایک خوبصورت لڑکا گذرا۔آپ نے آگے بڑھ کر اس کامنہ چوم لیا ۔اس پر شاگردوں نے بھی ایساہی کرنا شروع کردیا کہ شاید اس میں جلوئہ الٰہی ہو ۔ایک شاگرد جو آپ کے خاص منظور نظر تھے انہوںنے ایسانہ کیا ۔ باقیوں نے ا س پر چہ مگوئیاں شروع کردیں ۔آگے چلے توایک بھٹیاری بھٹی میں آگ جلارہی تھی اورپتوں کی آگ کے شعلے نکل رہے تھے جوایک خوبصورت نظارہ پیش کررہے تھے۔آپ کھڑے ہوکر اسے دیکھتے رہے پھرجھکے اورشعلے کو بوسہ دیا۔اس وقت ا س شاگرد نے بھی شعلہ کو چوما۔جس نے لڑکے کو نہیں چوماتھا۔لیکن باقی شاگرد کھڑ ے رہے او رکسی کو جرأت نہ ہوئی۔اس پر انہوں نے کہا کہ تم لوگوں نے خوبصورت بچے کو چوما تھا کیونکہ چھوٹابچہ سب کوپیارالگتاہے ۔حالانکہ خواجہ صاحبؒ کواس میں خداکاجلوہ نظر آیاتھا ۔اس لئے انہوں نے اسے چوما تھا ۔لیکن مجھے چونکہ نظر نہ آیا ۔اس لئے میں نے نہ چوما۔اب اس آگ میں مجھے خداکا جلوہ نظر آیا اورمیں نے اسے چوم لیا اوریہاں آپ کی اتباع کی۔لیکن وہاں میری آنکھیں نہ کھلیں اس لئے نہ کی۔لیکن تم نے ہواوہوس کے ماتحت بچے کو چوماتھاتووقتی طورپر ہر بزرگ پرایساوقت آتاہے کہ بنی نوع انسان کی محبت سے وہ لبریز ہوجاتاہے مگر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت وقتی نہ تھی اورآپ کی روح اورجسم کا ایک حصہ تھی جس کا پتہ اس سے لگتاہے کہ جب آپ کی وفات کاوقت آیا توآپ کی زبان پر یہ الفا ظ تھے ۔کہ لَعَنَ اللّٰہُ الْیَھُوْدَ وَالنَّصَارَیٰ اِتَّخَذُوْاقُبُوْرَاَنْبِیَائِ ھُمْ مَسَاجِدَ(مسلم جلد اول کتاب المساجد ومواضع الصلوٰۃ)یعنی خدایہود اورنصاریٰ پرلعنت کرے کہ انہوں نے انبیاء کی قبروں کو سجدہ گاہ بنالیا ۔گویاآپ کے دل میں تڑپ تھی کہ یہود اورنصاریٰ کیو ں اپنے لئے جہنم خرید رہے ہیں اورپھر اپنے ماننے والوں کو تنبیہ کی کہ وہ ایسانہ کریں ۔گویاسکرات موت کے وقت بھی آپؐ کے اند رمسلمانوںاورکفار دونوں کی محبت کاجلوہ تھا ۔ایک طرف یہود اورنصاریٰ کو شرک سے بچانے کا درد تھا ۔دوسر ی طرف یہ درد تھا کہ یہی غلطی میرے ماننے والے بھی نہ کریں ۔غرض آپ کی ساری زندگی یہ ثابت کرتی ہے کہ آپ بنی نوع انسان کے ہر طبقہ کے لئے ہمدردی رکھتے تھے ۔
احادیث میں آتاہے کہ پہلے زمانوں میں خداتعالیٰ کادین قبول کرنے والوں کے سروں پر آرے رکھ کر انہیں چیر دیاجاتاتھا اوروہ اُف تک نہیں کرتے تھے ۔لیکن محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر ایک سال نہیں دوسال نہیں تین سال نہیں دس سال نہیں متواتر وفات تک آرے چلتے رہے اورآپ نے اس قد ردکھ اٹھائے کہ زمین و آسمان کے خداکو یہ کہنا پڑاکہ توتواس غم میں اپنے آپ کو ہلاک کررہاہے کہ یہ لوگ کیوں ایمان نہیں لاتے ۔عیسائی کہتے ہیں کہ مسیح نے ایک دفعہ صلیب پر چڑھ کر سب گنہگاروں کا کفار ہ اداکردیاتھا ۔مگر مسیح کوتوساری زندگی میں وہی ایک واقعہ پیش آیا ۔لیکن محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی زندگی کے ہرلمحہ میں لوگوں کے لئے صلیب پر چڑھے اورآپ نے ان کے لئے ہزاروں نہیں لاکھوں موتیں قبول کیں۔یہی وجہ ہے کہ وہ الفاظ جو اس جگہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق استعمال کئے گئے ہیں نہ نوحؑ کے متعلق استعمال کئے گئے ہیں ۔نہ ابراہیمؑ کے متعلق استعمال کئے گئے ہیں ۔نہ موسیٰؑ کے متعلق استعمال کئے گئے ہیں ۔نہ دائودؑ اورسلیمانؑ کے متعلق استعمال کئے گئے ہیں ۔نہ عیسیٰؑ کے متعلق استعمال کئے گئے ہیں ۔صرف محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق ا ستعمال کئے گئے ہیں۔کیونکہ دنیا کی اصلاح اوران کی ہدایت کاجوغم آپ کوتھا وہ دنیا میں اَورکسی نبی کو نہیں تھا ۔چنانچہ جب ہم رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کے واقعات کو دیکھتے ہیں توہمیں یہ دعویٰ ایک حقیقت بن کر نظر آتاہے اورہمیں قدم قدم پر ایسے واقعات دکھائی دیتے ہیں جوآپ کی اس عظیم الشان محبت اورشفقت کاثبو ت ہیںجو آپ کوبنی نوع انسان سے تھی ۔چنانچہ آپ کو خدائے واحد کاپیغام پہنچانے کے لئے سالہاسال تک ایسی تکالیف میں سے گذرناپڑا کہ جن کی کوئی حد ہی نہیں۔ایک دفعہ خانہ کعبہ میں کفار نے آپ کے گلے میں پٹکا ڈال کر اتنا گھونٹا کہ آپ کی آنکھیں سرخ ہوکر باہرنکل پڑیں۔حضرت ابو بکرؓ نے سناتو وہ دوڑے ہوئے آئے اوررسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو اس تکلیف کی حالت میں دیکھ کر آپ کی آنکھوں میں آنسو آگئے اورآپ نے ان کفار کو ہٹاتے ہوئے کہا خداکاخوف کرو۔کیاتم ایک شخص پر اس لئے ظلم کررہے ہو کہ وہ کہتا ہے کہ خدامیرارب ہے ۔ایک دفعہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم مکہ میں ایک چٹان پر بیٹھے کچھ گہری فکر میںتھے کہ اچانک ابو جہل آنکلا۔ اوراس نے آتے ہی آپؐ کو تھپڑ مارا اورپھر گندی سے گندی گالیاں آپ کو دینی شروع کردیں ۔آپؐ نے تھپڑ بھی کھالیا اورگالیاں بھی سنتے رہے مگر آپ نے زبان سے ایک لفظ تک نہیں کہا ۔جب وہ گالیاں دے کر چلا گیا توآپ خاموشی سے اٹھے اوراپنے گھر تشریف لے گئے ۔حضرت حمزہؓ کی ایک لونڈی اپنے گھر میں سے دروازہ میں کھڑی یہ سارانظارہ دیکھ رہی تھی ۔حمزہؓ اس وقت اسلام نہیں لائے تھے وہ سپاہی آدمی تھے اورسارادن شکار میں لگے رہتے تھے اورشام کے وقت اپنے گھر آتے تھے اس روز بھی وہ شام کے وقت سینہ تان کر بڑے زورزورسے پیر مارتے اورہاتھ میں تیر کما ن پکڑے اوپچی بنے ہوئے گھر میں داخل ہوئے ۔وہ لونڈی گھر کی پرانی خادمہ تھی اورپرانے نوکر بھی رشتہ داروں کی طرح ہوتے ہیں۔صبح سے وہ اپنا غصہ دبائے بیٹھی تھی جب اس نے حمزہؓ کودیکھا توبڑے جوش سے کہنے لگی ۔تمہیں شرم نہیں آتی تیر کمان لئے جانو رمارتے پھرتے ہو ۔تمہیں پتہ ہے کہ صبح تمہارے بھتیجے کے ساتھ کیاہوا؟حمزہؓ نے کہا ۔کیاہوا؟اس نے کہا ۔میں درواز ہ میں کھڑی تھی ۔تمہارابھتیجاسامنے پتھر پر آرام سے بیٹھاتھا اورکچھ سوچ رہاتھا کہ اتنے میں ابو جہل آیا اوراس نے پہلے تو اس کو تھپڑ مارا۔اورپھر بے تحاشہ گالیاں دینی شروع کردیں ۔پھر اس نے اپنے زنانہ انداز میں کہا ۔اس نے ابو جہل کو کچھ بھی تونہیں کہاتھا ۔کوئی بات اس نے نہیں کی تھی جس کی وجہ سے ابوجہل کو غصہ آتا۔مگر پھر بھی وہ گالیاں دیتاگیا اوردیتاگیا۔اورتمہارابھتیجاچپ کرکے سامنے کی طرف دیکھتارہا۔اوراس نے ان کاکوئی جواب نہ دیا۔ایک عورت اورپھر خادمہ کی زبان سے یہ بات سن کر حمزہؓ کی غیرت جوش میں آئی اورخانہ کعبہ کی طرف چل پڑے۔رؤساء مکہ کاطریق تھا کہ شام کے وقت وہ خانہ کعبہ میں بیٹھ کر اپنی بڑائیاں بیان کرتے اورلوگ ان کی تعریف کرتے ۔تمام رؤساء بیٹھے ہوئے تھے اورابوجہل بھی ان میں موجود تھا کہ حمزہؓ گئے اورانہوں نے وہی کمان جو ان کے ہاتھ میں تھی ۔ابوجہل کے منہ پر ماری اورکہا میں نے سناہے تم نے محمد(صلی اللہ علیہ و سلم)کامارابھی ہے اورگالیاںبھی دی ہیں اورمیں نے سناہے محمد (صلی اللہ علیہ وسلم)نے کوئی لفظ تم کونہیں کہاتھا جس کے بدلہ میں تم گالیاں دیتے ۔پھر حمزہؓ نے کہا تم بہادر بنے پھر تے ہو ۔اورجو چپ کرجاتاہے اس پر ظلم اورتعدّی کرتے ہو ۔ اب میں نے سارے مکہ کے سامنے تمہیں ماراہے اگر تم میں ہمت ہے تومجھے مار کردیکھو ۔مکہ کے نوجوان حمزہؓ کو پکڑنے کے لئے اٹھے ۔مگرابو جہل پر ان کاایسارعب طاری ہواکہ اس نے کہاجانے دو۔صبح مجھ سے ہی کچھ زیادتی ہوگئی تھی۔(السیرۃ الحلبیہ جلداول ص ۲۱۵)ایک دفعہ آپ خانہ کعبہ میںنماز پڑھ رہے تھے ۔جب آپ سجدہ میں گئے توبعض شریروں نے آپؐ کی پیٹھ پر اونٹ کی اوجھری لاکر رکھ دی اورچونکہ وہ بڑی بھاری تھی آپ سجدہ سے سر نہ اٹھا سکے ۔حضرت فاطمہ ؓ کو اس بات کاعلم ہواتووہ روتی ہوئی آئیں۔اورانہوں نے آپؐ کی پیٹھ پرسے اوجھری ہٹائی(بخاری ابواب الوضوء باب اذالقیٰ علی ظہر المصلّی قذراوجیفۃ لم تفسد علیہ صلوٰتہٗ) ایک دفعہ آپؐ بازار سے گذر رہے تھے کہ مکہ کے اوباشوں کی ایک جماعت آپؐ کے گرد ہوگئی اوررستہ بھر آپ کی گردن پر یہ کہکر تھپڑ مارتی چلی گئی ۔کہ لوگو! یہ وہ شخص ہے جو کہتاہے کہ میں نبی ہوں ۔
آپؐ کے گھر میں ارد گرد کے گھروں سے متواتر پتھر پھینکے جاتے تھے ۔باورچی خانہ میں گندی چیزیں پھینکی جاتی تھیں ۔جن میں بکریوں اوراونٹوں کی انتڑیاں بھی شامل ہوتی تھیں۔جب آپ نماز پڑھتے توآپ کے اوپر گردوغبار ڈالی جاتی ۔حتیّٰ کہ مجبور ہوکر آپ کو چٹان میں سے نکلے ہو ئے ایک پتھر کے نیچے چھپ کر نماز پڑھنی پڑتی ۔مگر اس کے باوجود آپ خدائے واحدکانام بلند کرتے چلے گئے اوران لوگوں کی ہدایت کے لئے اللہ تعالیٰ سے دعائیں بھی کرتے رہے۔
جب مکہ والوں نے دیکھا کہ ہمارے یہ مظالم بھی اس شخص کے پائے استقلال میں کوئی جنبش پیدا نہیں کرسکے تو انہوں نے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور آپؐ کے تمام ساتھیوں کا کلّی طورپر مقاطعہ کردیا۔اور انہیں شعیب ابی طالب میں محصور کردیا۔اور فیصلہ کیا کہ کوئی شخص ان کے پاس سودا فروخت نہ کرے اور نہ ان سے لین دین کرے اور برابر تین سال تک انہوں نے آپ کا مقاطعہ جاری رکھا ۔ ان ایا م میںصحابہؓ کو ایسی تکلیف سے اپنے دن بسر کرنے پڑے کہ بعض دفعہ وہ درختوں کے پتے کھا کر گزارہ کرتے تھے اور بعض دفعہ انہیں کھجور کی گھٹلیاں کھانی پڑیںاور یہ سلسلہ صرف چند دن یا چند ہفتے یا چند مہینے جاری نہ رہا بلکہ تین سال تک جاری رہا ۔ تین سال کے بعد مکہ کے چند شرفاء کے دل میں اس ظلم کے خلاف بغاوت پیدا ہوئی اور انہوں نے اس معاہدہ کو توڑ کر محصورین کو باہر نکا ل لیا۔ مگر ان تین سالہ لمبے مظالم کا یہ نتیجہ نکلا کہ تھوڑے دنوں بعد ہی آپ کی وفاشعار بیوی حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کا انتقال ہو گیا کیونکہ اس لمبے مقاطعہ نے ان کی صحت پر بُرا اثر ڈالاتھا۔ ہر شخص سمجھ سکتا ہے کہ جس مقدس خاتون کے بیسیوں غلام تھے اور جو مکہ کے مالدار اشخاص میں سے تھیں جو بیسیوں گھرانوں کو کھانا کھلا کر خود کھانا کھایا کرتی تھیں ۔بڑھاپے میں جب انہیں کئی کئی فاقے کرنے پڑے اور اگر کچھ کھانے کو ملا بھی تو درختوں کے پتے یا کھجور کی گھٹلیاں تو اس وقت ان کی صحت پر کیا اثر پڑا ہوگا ۔چنانچہ اس تکلیف کی وجہ سے ان کا انتقال ہوگیا اورپھر چند دن اور گذرے کہ حضرت ابو طالب ؓ بھی اس دنیا سے رخصت ہوگئے مگر اتنے لمبے ظلم کے باوجود آپؐ نے شعیب ابی طالب سے اپنا قدم باہر رکھتے ہی فیصلہ کیا کہ اگر مکہ کے لوگ خدا تعالیٰ کی آواز سننے کے لئے تیار نہیں تو مکہ سے باہر رہنے والوںکو مجھے خدا تعالیٰ کا پیغام پہنچانا چاہیئے شاید ان میں کوئی سعید روح ہو جو اللہ تعالیٰ کی آواز پر لبیک کہے اور اُسے قبول کر کے اس کی برکات کا وارث ہو۔ چنانچہ آپ طائف تشریف لے گئے جو مکہ سے تقریباً ساٹھ میل فاصلہ پر ایک مشہور شہر ہے اور لوگوں کو خدائے واحد کی طرف بلایا ۔مگر بجائے اس کے کہ وہ اللہ تعالیٰ کے پیغام کو سنتے ار اُسے قبول کرتے انہوںنے لڑکوںکو اکسایا اور انہوں نے پتھروں سے اپنی جھولیاں بھر لیں اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر پتھرائو شروع کردیا ۔آپؐ کے پائوں پتھروں کی بوچھاڑ سے لہولہان ہوگئے اور حضرت زیدؓ بھی جو آپ کے ساتھ تھے آپؐ کو بچاتے ہوئے سخت زخمی ہوئے ۔مگروہ برابر کئی میل تک آپ کو پتھر مارتے چلے گئے ۔ آپ واپس بھاگتے ہوئے کسی جگہ دم لینے کے لئے ٹھہرے تو جسمِ اطہر سے خون پونچھتے اور ساتھ ہی فرماتے ۔ اے میرے ربـ! یہ لوگ نہیں جانتے کہ میں کون ہوں تُو انہیں معاف فرما ۔ راستہ میں مکہ کے ایک سردار کا باغ تھا ۔آپ وہاں ذرا سستانے کے لئے ٹھہر گئے ۔اُس نے جب آپؐ کے کپڑوں کو خون سے لت پت دیکھا تو اُس کے دل میں درد پیدا ہوااور اُس نے اپنے ایک غلام کو بلایا اور اُسے انگو رکے چند خوشے دیئے اور رسو ل کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور حضرت زیدؓ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا۔ وہ دو آدمی جو درخت کے نیچے بیٹھے ہیں ۔اُن کے پاس جائو۔اورا نہیں یہ انگور کھلائو ۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم اس وقت زخموں سے چُور چُور تھے اور بہت دیر تک دشمن کے آگے بھاگے آئے تھے ۔لیکن اِدھر یہ غلام آپ کے پاس پہنچا اوراُدھر آپ نے اس غلام کو مخا طب کرتے ہو ئے فرمایا۔تم کہاں کے رہنے والے ہو ۔اس نے جواب دیا ۔میں نینواؔ کارہنے والاہوں۔آپ نے فرمایا۔اچھا !تم میرے بھائی یونس کے وطن کے ہو۔آپؐ کایہ فقرہ سن کر اس غلا م کے کان کھڑے ہوگئے کہ یہ عر ب کا باشند ہ ہونے کے باوجود نینواکے رہنے والے یونس کو اپنا بھائی تصور کرتاہے ۔اس نے آ پ سے پوچھا آپ کاکیاحال ہے اورلوگوں نے آپ سے ایساسلوک کیوں کیا ہے؟آپ نے فرمایا۔تم تو یونسؑ کے ملک کے ہو تم جانتے ہوکہ خداتعالیٰ کی طرف سے جو مصلح دنیا میں آتے ہیں ان سے ایسا ہی سلوک کیاجا تاہے۔میں نے ان لوگوںکاکچھ نہیں بگاڑا۔می نے صرف اتنا کہا تھاکہ تم ایک خداکی طرف آئو اوربتوں کی پرستش نہ کرو۔اورمیں تمہیں بھی یہی بات کہتاہوں کہ تم خداتعالیٰ کی باتوں پر عمل کرو۔و ہ غلام عیسائی تھا ۔اسے آپ کی ا باتیں سن کر یقین ہو گیا کہ یہ شخص خداتعالیٰ کی طرف سے ہے ۔چنانچہ جس طرح انجیل میں حضرت مسیحؑ کے متعلق آتاہے کہ ایک عورت آپ کے پاس آئی اوراس نے آنسوئوںسے آپ کے پائو ں دھوئے اوربالوں سے آپ کے پائوں کی مٹی کو صاف کیا (لوقا باب ۷ آیت ۳۸)اسی طرح وہ غلام بھی آپ کے قدموں میں گرگیا اورا س نے اپنے ہاتھوں سے آپ کے پائوں کی مٹی اورخو ن صاف کرنا شروع کردیا ۔اورمحبت سے آپ کے ہاتھو ںکو بوسہ دیا ۔جب وہ واپس گیا تو با غ کے مالک نے اسے ڈانٹا کہ تم نے یہ کیا کیا ۔مگر اس کا دل کھل چکا تھا ۔اور وہ آپؐ پر ایمان لاچکا تھا ۔اوراب کوئی مخالف اسے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی غلامی سے علیحدہ نہیں کرسکتی تھی۔
بنی نو ع انسان کے لئے یہ کیسی عظیم الشان تڑپ ہے جو آپ کے سینہ و دل میں پائی جاتی تھی۔ہم دیکھتے ہیں کہ حضر ت مسیح علیہ السلام کے پاس ایک عورت آئی اوراس نے کہا ۔اے استاد !مجھے بھی وہ تعلیم سناجو تو اپنی قوم کو دیتا ہے ۔مگرانہوں نے کہا ۔میرے پاس تیرے لئے کچھ نہیں۔یہ تعلیم صرف بنی اسرائیل کے لئے ہے جو میرے بیٹے ہیں ۔اوربیٹوں کی روٹی میں کتوں کے آگے کیسے پھینک سکتاہوں (متی باب ۱۵آیت ۲۶)مگر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک شخص آیا جو آپ کی قوم کانہ تھا۔ایسے وقت میں آیا جب آپ زخموں سے چو رچُورتھے اورخون سے لت پت دور تک دشمن کے آگے آگے بھاگے چلے آئے تے۔اورایک ایسی جگہ پر آیا جو آپ کے دشمن کی تھی ۔اورذراسی تبلیغ کرنے سے بھی بڑی آفت آسکتی تھی ۔وہ آتاہے او رخو د بھی نہیں کہتاکہ مجھے تبلیغ کرو۔مگر اسے دیکھتے ہی آپ تبلیغ کرنا شروع کردیتے ہیں ۔کیونکہ آپؐ کے لئے عر ب اورغیر عرب برابر تھے ۔آپؐ کے دکھ اورآپؐ کی تکالیف صرف عرب قوم کے لئے ہی نہیں تھیں۔بلکہ کالے گورے ۔عربی ،مصری ،ہندوستانی سب کے لئے تھیں اورآپ اپنی ایک ایک حر کت میں اس بات کا احساس رکھتے تھے کہ لو گوں کو ہدایت میسرآجائے اوروہ خدائے واحد کے آستانہ کی طرف لوٹ آئیں ۔آپ کایہ سفر جو آپ کی قربانی اورایثار کاایک زندہ نمونہ ہے سرولیم میو رکو بھی متاثر کئے بغیرنہ رہ سکا۔اوراسے اپنی کتاب ’’لائف آف محمدؐ۔‘‘ میں یہ الفاظ لکھنے پر مجبو رہونا پڑا کہ ’’ محمد(صلی اللہ علیہ وسلم)کے طائف کے سفر میں ایک شاندار شجاعانہ رنگ پایا جاتاہے ۔اکیلا آدمی جس کی اپنی قوم نے اس کو حقارت کی نگاہ سے دیکھا اوراسے دھتکار دیا خداکے نام پر بہاد ری کے ساتھ نینواؔ کے یوناہ نبی کی طرح ایک بت پر ست شہر کو توبہ کی اورخدائی مشن کی دعوت دینے کے لئے نکلا ۔یہ امر اس کے اس ایمان پر کہ وہ اپنے آپ کو کلّی طورپر خداکی طرف سے سمجھتاتھا ایک بہت بڑی روشنی ڈالتاہے ۔‘‘
سفر طائف سے واپسی پر مکہ والوں نے پھر ایذادہی اوراستہزاء کے د روازے کھول دیئے ۔مگرآپ محبت اورپیار سے مکہ والوںکو بت پرستی کے خلاف وعظ کرتے رہے ۔لوگ بھاگتے تو آپؐ ان کے پیچھے جاتے۔و ہ منہ پھیرتے تو آپ پھر بھی باتیں سناتے ۔آخر ان کے متواتر مظالم کی وجہ سے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنا وطن ،و ہ وطن جس میں تیرہ سال تک آپ تبلیغ ہدایت کرتے رہے تھے۔اورجس کے رہنے والوں کو آپ نے سب سے پہلے خطاب کیاتھا رات کے وقت چھوڑنا پڑا اورچھپتے چھپاتے آپ مدینہ پہنچے مگر دشمن نے وہاں بھی آ پ کاپیچھا نہ چھوڑا اورمتواتر مدینہ پر حملے ہوتے رہے۔ایک سوبیس کے قریب وہ لڑائیاںہیںجو محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اورآپؐ کے صحابہؓ کو لڑنی پڑیںاوران میں سینکڑو ں صحابہؓ اورآپ کے عزیزترین رشتہ دار مارے گئے۔مگرآپؐ نے خدائے واحد کانام بلند کرنے کے سلسلہ میں کبھی کسی مصیبت کوایک پرکاہ کے برابر بھی نہیں سمجھا ۔آپ صبح بھی اورشام بھی اوردن کے اوقات میں بھی اوررات کی تاریکیوں میں بھی اللہ تعالیٰ کاپیغام لوگوں کو پہنچانے کے لئے چلے گئے اوراس بار ہ میں نہ آپ نے جانی قربانی سے دریغ کیا۔نہ مالی قربانی سے دریغ کیا اورنہ عزیزوںاوررشتہ داروں کی قربانی سے دریغ کیا ۔آپ کی دوبیٹیاں ابولہب کے دوبیٹوں سے بیاہی ہوئی تھیں اس نے دھمکی دی کہ اگر آپ توحید کی تعلیم کو ترک نہیں کریں گے تومیں اپنے بیٹوں سے کہکر آپؐ کی دونوں بیٹیوں کو طلاق دلوادوں گا ۔مگر آپ نے پروا نہ کی اوراس بدبخت نے اپنے بیٹوں سے کہکر آپ کی دونوں بیٹیوںکو طلاق دلوادی ۔پھر ہر خطرے کے مقام پر دشمن کا اولین نشانہ صرف آپ کا وجود ہوتاتھا ۔مگر جب بھی کو ئی موقعہ آیا اپ نے اس بہادری سے اس خطرے کی آگ میں اپنے آپ کو پھینکا کہ یوں معلوم ہوتاتھاکہ آپؐ اپنی جان کی کوئی حقیقت ہی نہیں سمجھتے تھے ۔غزوئہ اُحد کے موقعہ پر ایک پتھر آپ کے خود پرآلگا اوراس کے کیل آپ کے سر میں گھس گئے اورآپؐ بے ہوش ہوکر ان صحابہؓ کی لاشوں پر جاپڑے جو آپؐ کے ارد گر د لڑتے ہوئے شہید ہوچکے تھے اوراس کے بعد کچھ اورصحابہؓ کی لاشیں آپ کے جسم اطہر پر جاگریں اورلوگوں نے یہ سمجھا کہ آپ مارے جاچکے ہیں ۔مگرجب آپؐ کو گڑھے سے نکالاگیا۔اورآپ کو ہوش آیاتوآپ نے یہ خیال ہی نہ کیاکہ دشمن نے مجھے زخمی کیاہے ۔میرے دانت توڑدیئے ہیں اورمیرے عزیزوں اوررشتہ داروں اوردوستوںکوشہید کردیاہے بلکہ آپ نے ہوش میں آپ نے ہوش میں آتے ہی دعاکی کہ:۔رَبِّ اغْفِرْ لِقَوْمِیْ فَاِنَّھُمْ لَایَعْلَمُونَ۔ اے میرے رب!یہ لو گ میرے مقام کو شناخت نہیں کرسکے اس لئے توان کو بخش دے اوران کے گناہوںکومعاف فرمادے ۔اسی طرح جب طائف میں آپ کو پتھروں سے لہولہان کیاگیا اورآپ وہاں سے دوڑتے چلے آرہے تھے تواحادیث میں لکھا ہے کہ یکدم آپ پر کشفی حالت طاری ہوئی اورپہاڑوں کافرشتہ آپ کی خدمت میں حاضرہوا۔اوراس نے کہاکہ اگر آپ چاہیں توطائف والوںپر ابھی ان کے پہلو کے دونوں پہاڑ اُلٹادیئے جائیں۔ مگرآپ نے فرمایا۔ایسانہ کرنا۔ان لوگوں نے جوکچھ کیا ہے جہالت اورلاعلمی کی وجہ سے کیاہے ۔مجھے امید ہے کہ اللہ تعالیٰ انہی لوگوں کی نسل میں سے وہ لو گ پیداکرے گا جو اسلام کے لئے خدمت گذار ہوں گے۔(بخاری کتاب بد الخلق)چنانچہ واقعات بتاتے ہیں ۔کہ باوجود اس کے کہ دشمنوں نے آپ کو مجنون بھی کہا ۔کاہن بھی کہا ۔ساحر بھی کہا کذاب بھی کہا اورہر رنگ میں انہوں نے آپ کے مشن کو مٹاناچاہا۔مگرآخر انہی میں سے ایسی سعید روحیں نکل آئیں جنہوں نے دلیری سے صداقت کو قبول کرلیا اوراپنی جانوں کو ہتھیلی پر رکھ کر وہ دیوانہ وار اسلام کی اشاعت کے لئے نکل کھڑے ہوئے اورتھوڑے عرصہ میں ہی انہوں نے چہار دانگِ عالم کو اسلامی نو رسے منورکردیا۔
غرض لَعَلَّکَ بَاخِعٌ نَفْسَکَ اَلَّایَکُوْنُوْامُؤْمِنِیْن میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی اس بے مثال شفقت اورمحبت کاذکر کیا گیاہے جوآپ کو بنی نوع انسان سے تھی اوربتایا گیاہے کہ آپ ان کی ہدایت کے لئے رات اوردن اس قدر جہاد فرماتے اوراتنی دعائیں کرتے تھے کہ قریب تھا کہ آپ اس غم سے اپنے آپ کو ہلاک کرلیتے آپ کو نہ اپنے کھانے کی پرواہ تھی نہ پینے کی پرواہ تھی۔نہ نیند اورآرام کی پرواہ تھی ۔آپ لوگوں کوہلاکت کے گڑھوں سے بچانے اوانہیں نجات اورسلامتی کا راہ دکھانے کے لئے راتوںکو اٹھ اٹھ کر اللہ تعالیٰ کے حضورگریہ وزاری کرتے اوراتنی اتنی دیر کھڑے رہتے کہ آپ کے پائوں متورم ہوجاتے ۔گویاجس طرح جوش کی حالت میں بعض دفعہ انسان بکرے پرچھری چلاتے ہوئے اورچھری کو گردن کے آخر ی حصہ تک پہنچا دیتاہے اورقریب ہوتاہے کہ اگرذراسابھی زوراورلگ جائے ۔تواس کی گردن کٹ کر پرے جاپڑے۔اسی طرح محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے جان کو ہلاک کرنے میں کوئی کسر اٹھانہیں رکھی تھی ۔اوراگرآپ کی جان بچی تواس کے یہ معنے نہیں کہ آپ نے کوئی کمی کی تھی بلکہ اس کے معنے یہ ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کی غیر معمولی حفاظت فرمائی ورنہ آپؐ نے اپنی جان کو ہلاک کرنے میں کوئی کسر نہیں اٹھارکھی تھی ۔
رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی یہ امتیازی خصوصیت جواللہ تعالیٰ نے اس آیت میں بیان فرمائی ہے اس میں مومنوں کے لئے بھی بڑابھاری سبق ہے اورانہیں توجہ دلائی گئی ہے کہ اگر تم ترقی کرناچاہتے ہو تواپنی قربانیوںکواس حد تک پہنچائو کہ دشمن کی نظر میں تووہ صریح خود کشی ہو ۔مگر تم جانتے ہو کہ و ہ خود کشی نہیں بلکہ اسی میں تمہاری ابدی حیات کاراز مضمر ہے ۔قرآن کریم میں جنگ اُحد کے متعلق اللہ تعالیٰ فرماتاہے کہ اس وقت منافق کہتے تھے کہ اگر ہمیں علم ہوتاکہ لڑائی ہوگی توہم ضرور ساتھ دیتے (آل عمران آیت ۱۶۸) اس کے یہ معنے نہیں کہ انہیں علم نہیں تھا کہ لڑ ائی ہو گی بلکہ بات یہ ہے کہ انہوں نے مشورہ دیاتھاکہ لڑائی کے لئے مدینہ سے باہر نہ نکلیں ۔اوراس پر دوروز بحث ہوتی رہی ۔پس منافق باہر نکل کر لڑنے کو خود کشی قراردیتے تھے اورجب وہ یہ کہتے تھے کہ اگر ہمیں لڑائی کاعلم ہوتاتوہم ضرور جاتے تواس کامطلب یہ ہوتاکہ ہم تواسے لڑائی نہیں بلکہ خود کشی سمجھتے تھے ۔ا سلئے شامل نہ ہوئے۔تواللہ تعالیٰ اپنی مومن جماعت کے سپر د ہمیشہ ایسے کام کرتاہے جنہیں لو گ خودکشی سمجھتے ہیں ۔ان جماعتوںسے اللہ تعالیٰ کی راہ میں اپنی جانیں اپنے اموال اپنے اوقات اور اپنی عزت و آبروغرض سب کچھ قربان کردینے کا مطالبہ کیاجاتاہے یہاں تک کہ لوگ کہنے لگ جاتے ہیں کہ یہ پاگل ہیں جواتنی بڑی قربانیاں کررہے ہیں اورمنافق بھی کہتے ہیں کہ یہ بیوقوف لوگ ہیں جو ہمیں بھی بیوقوف بناناچاہتے ہیں اورکہتے ہیں کہ تم بھی اسی طرح قربانی کروجس طرح ہم کررہے ہیں۔غرض منافق بھی اورمخالف بھی سب اسے ہلاکت سمجھتے ہیں مگر مومن جانتے ہیں کہ یہ ہلاکت نہیں بلکہ زندگی کو قائم رکھنے کاذریعہ ہے ۔پس لَعَلَّکَ بَاخِعٌ نَفْسَکَ اَلَّایَکُوْنُوْامُؤْمِنِیْنمیں صرف رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک بے مثال خصوصیت اورآپ کی شفقت علیٰ خلق اللہ کاایک بے نظیر نمونہ ہی پیش نہیں کیاگیا بلکہ مومنوںکویہ نصیحت بھی کی گئی ہے کہ اگر تم خداتعالیٰ کا قرب حاصل کرناچاہتے ہو تو اپنی قربانیوںکو اس حد تک پہنچا دو کہ دوست اوردشمن کی نگاہ میں تمہاری گردن کٹنے کے قریب پہنچ جائے اورہرشخص یہ سمجھے کہ تم موت کے منہ میں جارہے ہو ۔یہی وہ مقام ہے جو روحانی جماعتوںکوحاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیئے کیونکہ اس کے بغیر انہیں ابدی حیات حاصل نہیں ہوسکتی ۔
ان نشا ننزل علیھم من السماء ایۃ فظلت اعناقھم لھا
اگر ہم چاہیں توآسمان سے ان پرایک ایسانشان اتاردیں کہ اس کے سامنے ان کی گردنیں جھکی کی جھکی رہ جائیں ۔
خٰضعین٭ ومایاتیھم من ذکر من الرحمن محدث الاکانوا
اوررحمن کی طرف سے کبھی کسی کو نیا ذکر نہیں آتا کہ جس سے لو گ
عنہ معرضین٭فقد کذبوافسیاتیھم انبٰئوا ماکانو بہ یستھزء و ن٭
اعراض نہ کرتے ہوں۔سو(چونکہ)انہوں نے (خداتعالیٰ کی آیتوںکو)جھٹلایاہے اس کے نتیجہ میں ان کے استہزاء کی حقیقت ضرور ان پر کھل جائے گی ۔ ۳ ؎
۳؎ حل لغات۔ اَعْنَاقٌ: عُنُقٌ اور عُنْقٌ کی جمع ہے اور اَلْعُنُقُ کے معنے گردن کے ہیں ۔اسی طرح اس کے معنے ہیں اَلرَّئُ وْسَآئُ سردارانِ قوم اَلْجَمَاعَۃُ مِنَ النَّاسِ لوگوں کی جماعت (اقرب)
خَاضِعِیْنَ:خَاضِعٌ کی جمع ہے جو خَضَعَ سے اسم فاعل ہے اورخَضَعَ لَہٗ کے معنے ہیں اِنْقَادَ مطیع ہوگیا۔پس خَاضِعٌ کے معنے ہوں گے جھکنے والا مطیع ہونے والا۔(اقرب)
مُحْدَثٍ کے معنے ہیں نَقِیْضُ الْقَدِیْمِ یعنی نیا(اقرب)
تفسیر :۔ فرماتاہے ۔اگرہم چاہیں توآسمان سے ہم ان پر ایساعذاب نازل کریں کہ جس کی وجہ سے مجبورہوکر ان کی گردنیں جھک جائیں ۔اوریہ لوگ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت کرنے لگ جائیں ۔لیکن اگرہم ایساکریں توان کے ایمان لانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوسکتاکیونکہ ایمان اسی حالت میں انسان کے لئے فائدہ بخش ثابت ہوسکتاہے جب خیر اورشر دونوں مخفی ہوں ۔جو چیز کھلے طورپر نظر آرہی ہو اس پر ایمان لانے سے کوئی انعام میسر نہیں آیاکرتا۔جیسے سورج ایک خیر رکھنے والی چیز ہے اوراس کاوجود قطعی طور پر ظاہر ہے ۔لیکن سورج کے وجود کو تسلیم کرلینا انسان کوکسی انعام کامستحق نہیں ٹھہراسکتا۔اوراگر کوئی کہے کہ جب تمہیں محمد رسول اللہ( صلی اللہ علیہ وسلم )پر ایمان لانے سے انعا م ملے گا توہمیں سورج پر ایمان لانے سے کیوں انعام نہیں مل سکتا۔توہم اسے یہی کہیں گے کہ محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی صداقت کا علم چونکہ جستجو اورجدوجہد اورقربانی کے نتیجہ میں ہوتاہے ۔اس لئے آپ پرایمان لانا انسان کو اللہ تعالیٰ کے روحانی انعامات کامستحق بنادیتاہے مگر سورج پر ایمان لانے ک لئے چونکہ کسی جدوجہد جستجواورقربانی کی ضرورت نہیں ہوتی اورا سکی حقیقت کلی طورپر ظاہر ہوتی ہے اس لئے اس پر ایمان لانے سے کوئی انعام نہیں مل سکتااوراگر اس جواب پر بھی کو ئی شخص ایہ اعتراض کرے کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں توآ پ کے ماننے والوںکو قربانیاں کرنی پڑیں جس کی وجہ سے وہ انعام کے مستحق ہوئے مگر آپؐ کے بعد والوںکوتوکوئی قربانی نہیں کرنی پڑتی اورپھر انہیں انعام کامستحق کیوں قراردیاجاتاہے تواس کاجواب یہ ہے کہ بے شک نسلی مسلمانوں کو محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان لانے کے لئے کوئی قربانی نہیں کرنی پڑتی مگرانہیں اپنے ایمان کوقائم رکھنے کے لئے ہروقت قربانی سے کام لینا پڑتا ہے ۔کیونکہ اسلام کے اہرحکم کے بارہ میں ان کے دلوں میں یہ سوال پیداہوتاہے کہ ہم اس پر عمل کیوں کریں اوراس کیوں کے جواب کے لئے انہیں نماز اورروزہ اورحج اورزکوٰۃ کے تمام پہلوئوں پر غور کرناپڑتاہے اورپھر ان احکام پر عمل کرنے کے لئے انہیں ہروقت قربانی اورجدوجہد کے دور میں سے گذرنا پڑتاہے ۔پس قربانیوں سے کوئی بھی مسلمان مستثنٰی نہیں ۔صحابہؓ نے ایمان لانے ک لئے قربانیاں کی تھیں اوربعد میں ایمان لانے والے مسلمانوںکو اپنے ایمان کو قائم رکھنے کے لئے قربانیاں کرنی پڑتی ہیںپس چونکہ روحانی انعامات کاحصول قربانیوں کے ساتھ تعلق رکھتا ہے ۔اس لئے اللہ تعالیٰ کبھی ایسے نشانات ظاہر نہیں کرتا جو اتنے کھلے اورواضح ہوں کہ شدید سے شدید معاند بھی ان کو دیکھ رکر سر جھکادیں اورایمان لانے کے لئے دوڑ پڑیں اوران کے لئے انکارکرنے کی کوئی گنجائش باقی نہ رہے ۔کیونکہ اگرایساہوتو پھر ان کاایمان لانا ایک قسم کے جبر کا نتیجہ ہوگا اوراللہ تعالیٰ یہ نہیں چاہتاکہ لو گ کسی جبر کے نتیجہ میں ایمان قبول کریں اوراس طرح اپنے انعامات کو باطل کردیں۔مگر افسوس کہ ا تنی واضح آیت کی موجودگی میں بھی مسلمانوں نے جبر اورقدرؔ کے مسئلہ پر بحثیں شروع کردیں اوریہ نظر یہ قائم کرلیا کہ اللہ تعالیٰ بھی بعض باتوں میں جبرسے کام لیتا ہے ۔چنانچہ آج جب بھی کسی مسلمان سے پوچھا جائے کہ تمہاری مشکلات کاکیا باعث ہے تو وہ ایک سرد آہ کھینچ کرکہہ دے گاکہ ’’ہماری قسمت ‘‘وہ یہ نہیں کہے گاکہ چونکہ ہمارے اند ر بعض کمزوریاں پائی جاتی ہیں اورہم نے قرآن کریم کی تعلیم پر عمل کرنا اورخداتعالیٰ کے احکام کی پیروی کرنا اورمحمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بتائی ہوئی ہدایات پر چلنا چھوڑ دیاہے اس لئے ہم پر مصائب آرہے ہیں بلکہ وہ یہ کہہ کر کہ ’’ہماری قسمت‘‘اس کی ساری ذمہ داری خداتعالیٰ پر ڈال دے گا ۔حالانکہ یہ آیت بتاتی ہے کہ اگراللہ تعالیٰ نے جبر ہی کرناہوتا تووہ نیک اورہدایت پر جبر کرتااور ایسے نشانات نازل کرتا جن سے بڑے بڑے کفار کی گردنیں جھک جاتیں اوروہ ایمان لانے پر مجبور ہوجاتے۔مگر اللہ تعالیٰ ایسانہیں کرتا۔وہ نشانات تونازل کرتاہے مگران میں ایک قسم کااخفاء بھی رکھتاہے تاکہ جو لوگ ایمان لائیں وہ اپنی اپنی کوشش اورجدوجہد کے مطابق اللہ تعالیٰ سے اجر پائیں۔افسوس ہے کہ مسلمانوں میں نشانات الٰہیہ کے متعلق ایسی غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں کہ ایک دفعہ قادیان میں غیر احمدی مولویوں نے جلسہ کیا ۔اس جلسہ میں ایک غیر احمدی مولوی صاحب نے بڑ ے جوش کے ساتھ تقریر کی اورکہا ۔مرزاصاحب نبی بنے پھر تے ہیں۔مرزاصاحب کے معجزے بھی کوئی معجزے ہیں ۔معجزہ تویہ ہوتاہے کہ سید عبدالقاد رصاحب جیلانی ؒکے پاس کو ئی شخص مرغ پکا کر لایا ۔آپ نے کھاکر اس سے کہا ۔تم نے مجھ پراحسان کیاہے مگر ہم بھی تمہیں احسان کا بدلہ دینا چاہتے ہیں اوریہ کہہ کر انہوں نے مرغ کی ہڈیاں لیں اورہاتھ می پکڑ کرانہیں زور سے دبایا تووہی مرغ کُڑکُڑکُڑکُڑ کرکے اپنی اصلی حالت پر آگیا۔اس قسم کے قصے مسلمانوں میں اس لئے آئے کہ انہوںنے معجزات کے بارہ میں اللہ تعالیٰ کی سنت کو نظر انداز کردیا ۔اوریہ نہ سمجھا کہ اگر ایسے معجزات ظاہر ہو ں توپھر کو ن شخص ہے جوکسی نبی کانکار کرسکتاہے اوراگرایسے معجزات کے ظہو ر کے بعد کوئی شخص ایمان لاتاہے توکون کہہ سکتاہے کہ اس نے ایمان لاکرکوئی قربانی کی ہے اوروہ کسی انعام کامستحق ہے ۔پس اس آیت میں یہ بتایاگیاہے کہ اللہ تعالیٰ کبھی ایسے نشانات نازل نہیں کرتا جوایسے کھلے اورواضح ہوں کہ انہیں دیکھ کرکفار کی گردنیں بھی جھک جائیں اوروہ ایمان لے آئیں ۔کیونکہ اگر ایساہوتو یہ ایک قسم کا جبر ہوگیا اوراللہ تعالیٰ قبول ہدایت کے بارہ میں کسی قسم کا جبر روانہیں رکھتا ۔
پھرفرماتاہے ۔وَمَایَاْتِیْھِمْ مِّنْ ذِکْرٍ مِّنَ الرَّحْمٰنِ مُحْدَثٍ اِلَّاکَانُوْاعَنْہُ مُعْرِضِیْنَ جب بھی رحمن خداکی طرف سے کوئی نیا پیغام آتاہے لوگوں نے ہمیشہ اس کاانکارکیاہے ۔پھر یہ لوگ کس طرح اس پیغام کو قبول کرسکتے ہیں ۔اس جگہ خدائی پیغام کو ان معنوں میں نیا نہیں کہا گیاکہ ہرنبی کو ئی نئی شریعت لاتاہے بلکہ ان معنوں میں اسے نیاقرار دیاگیاہے کہ وہ پیغام دنیا کی نگاہوں سے مخفی ہوتاہے ۔دنیا اس کو بھول چکی ہوتی ہے اوروہ اس سے ایسی غافل اوربیگانہ ہوتی ہے کہ باوجود اس کے کہ وہ اس کی اپنی کھوئی ہوئی چیز ہوتی ہے پھر بھی وہ اسے ایک نئی چیز سمجھنے لگتی ہے اوراس سے ڈر کر دو ربھاگنے لگتی ہے ۔انہی معنوں میںاللہ تعالیٰ نے ایک دوسرے مقام پر پہلی کتب الہامیہ کو بھی حدیث قرار دیاہے اورقرآن کریم کی فضیلت ان الفاظ میں بیان فرمائی ہے کہ اَللّٰہُ نَزّلَ اَحْسَنَ الْحَدِیْثِ (نور آیت ۲۴)یعنی اللہ تعالیٰ نے بڑی شان اورطاقت اورقوت کے ساتھ اس کتاب کو اتار اہے جو احسن الحدیث ہے یعنی ساری الہامی کتابوں سے افضل ہے ۔پس ہرنبی جو اس دنیا میں ظاہر ہوا۔وہ دنیا کے لئے ایک نیا پیغام لایا بعض انبیاء توان معنوں میں نیا پیغا م لائے کہ وہ ایک ہدایت جدیدہ لے کر آئے اورکثیر انبیاء ان معنوں میں نیا پیغام لائے کہ انہوں نے وہ پرانی شراب جس کا سرچشمہ الٰہی نور تھا نئے برتنوں میں لوگوں کے سامنے پیش کی ۔مگر کبھی ایسانہی ہواکہ خداتعالیٰ کا کوئی پیغامبر آیا ہو اوردنیا نے اس کے پیغام سے اعراض نہ کیا ہو ۔یااسے مختلف قسم کے مصائب اورآلام کانشانہ نہ بنایاہو۔اصل بات یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اس دنیاکو ایسے رنگ میں چلایاہے کہ عام طورپر یہ اس کے عام قواعد کے ماتحت کا م کرتی رہتی ہے ۔اوربظاہر خداکاہاتھ اس کے کاموں میں نظر نہیں آتا ۔جب سے یہ کائنات پیداہوئی ہے اللہ تعالیٰ نے زمین کوایک چکر دے دیاہے اوریہ زمین سورج کے گرد اورچاند زمین کے گرد چکر کھارہاہے ۔اورپھر ساری کائنات شمسی مل کر ایک غیر معلوم جہت کی طر ف چلی جارہی ہے ۔بظاہر دیکھنے والایہ خیال کرتاہے کہ یہ اتفاقی حادثہ ہے اوراس دنیا کوپیداکرنے والااورچلانے والاکوئی نہیں ۔کیونکہ ایک قانون ہے جوچل رہاہے ۔مثلاً ایک ایساشخص جس نے گھڑی نہیں دیکھی اگر وہ ایسے گھر میں آجائے ۔جہاں کوئی آدمی موجود نہ ہو اورہفتہ بھر کی کنجی سے چلنے والی گھڑی چل رہی ہو تو وہ گھڑی کو دیکھ کر یہی سمجھے گاکہ یہ آپ ہی آپ چل رہی ہے۔اسے چلانے والا کوئی نہیں۔جب تک وہ وقت نہ آجا ئے کہ جب گھڑی کو کنجی دی جاتی ہے یاجب تک وہ وقت نہ آجائے کہ جب وہ گھڑی کھڑی ہوجائے ۔درمیانی عرصہ سے وہ یہ اندازہ نہیں لگاسکتا کہ کسی اَورنے اس کو کنجی دی ہے ۔اوروہ چل رہی ہے۔اسی طرح دنیا کوچلانے والے نے لاکھوں کروڑوں سال پہلے اس کو کنجی د ے دی۔اوریہ چل رہی ہے ۔جس طرح گھڑی کو دیکھ کرانسان یہ سمجھتاہے کہ وہ آپ ہی آپ چل رہی ہے سوائے اس کے کہ وہ واقف ہو۔اسی طرح دنیا کو دیکھ کر ایک ناواقف انسان یہ سمجھتاہے کہ یہ آپ ہی چل رہی ہے۔لیکن اس قانون کے علاوہ کبھی کبھی خداتعالیٰ اپنی خدائی ثابت کرنے کے لء بعض خاص باتیں بھی ظاہر کیا کرتاہے جن سے پتہ لگ جاتاہے کہ اس دنیا کاایک خالق اورمالک ہے ۔جیسے گھڑی چل رہی ہوتوایک ناواقف آدمی تویہ سمجھے گا کہ یہ آپ ہی چل رہی ہے کسی اَورکا اس پرتصر ف نہیں ۔لیکن مالک آتاہے ۔اسے چابی دیتاہے اورپھر اسے رکھ دیتاہے ۔توا سکو دیکھ کر وہ سمجھ لیتاہے کہ یہ گھڑی کسی اَورکے ذریعہ چل رہی ہے ۔اسی طرح خداتعالیٰ کبھی کبھی اپنی خاص صفات کے ذریعہ اپنی وجود کو ظاہر کرتاہے ۔اوراس کی صفات کا یہ ظہور اس کے رسولوں اورمصلحین کے ذریعہ سے ہوتاہے ۔لیکن یہ صاف بات ہے کہ جب خدااس دنیا میں دخل دے گا ۔تواس کی کوئی وجہ ہوگی اوروہ وجہ یہی ہوتی ہے کہ لوگ خداتعالیٰ سے دور چلے جاتے ہیں۔وہ اس کو بھلابیٹھتے ہیں۔اوراس کے احکام پر ہنسی اڑاتے ہیں اس وقت خداتعالیٰ ان کو یاددلانے کے لئے اپناکوئی ماموراور مرسل بھیجتاہے ۔ جب وہ مامو را ورمرسل دنیا میں آتاہے تووہ زمانہ وہی ہوتاہے ۔جب لو گ خداتعالیٰ کو بھول چکے ہوتے ہیں ۔اورجوشخص کسی چیز کو بھول چکاہو اس کو اس کی طر ف توجہ دلاناکوئی آسان کام نہیں ہوتا۔کیونکہ اس نے بھول کر کوئی اورراستہ اختیار کیاہواہوتاہے اوریہ آنے والا اس کے روز مرہ اورمعمول کے راستہ سے ہٹاکر اسے دوسری طرف لے جاناچاہتاہے ۔اورجوشخص کسی چیز کاعادی ہوچکاہو اس سے ہٹانے والادوست نہیں بلکہ دشمن سمجھاجاتاہے ۔ مثلاہمارے ملک میں بعض عادتیں راسخ ہوچکی ہیں ۔ہندوستان کی عورتیں پان کھاتی ہیں۔اب پان کازندگی کے کسی شعبہ سے تعلق نہیں ۔پان کے ذریعہ علم حاصل نہیں ہوتا۔پان کے ذریعہ روپیہ حاصل نہیں ہوتا ۔لیکن باوجود اس کے اگرکوئی کہے کہ پان چھوڑ دو تو وہ اسے ماننے کے لئے تیار نہیں ہوں گی اوراصرار کریں گی کہ ہم پان کو نہیں چھو ڑسکتیں۔بلکہ پان توالگ رہاچھوٹی سے چھوٹی رسم کوبھی اگر چھڑانے کی کو شش کی جائے تو لوگ مخالفت کرتے ہیں ۔مثلاًگائوں کی عورتیں اپنے سرکو گھی لگاتی ہیں شہر کی عورتیں سرمیں تیل لگاتی ہیں ۔یورپ کی عورتیں تیل بھی پسند نہیں کرتیں وہ ایک قسم کالوشن استعمال کرتی ہیں ۔اب سرکو گھی لگانا زندگی کاکوئی جزو نہیں۔اگرزندگی کاجزو ہوتاتو تیل سے کس طرح گذارہ ہوجاتا۔اگر تیل زندگی کاجزوہوتاتو خالی لوشن سے کس طرح گذارہ ہوجاتا۔ دنیاکے ایک حصے کا تیل چھوڑ دینا اوردوسرے حصے کا گھی چھوڑ دینااوراتیسرے حصے کا تیل اورگھی دونوںکو چھوڑدینا بتاتاہے کہ ان چیزوںکوانسان چھوڑ سکتاہے ۔لیکن باوجود غیر ضروری چیزیں ہونے کے اگر تم گائوں کی عورتوں سے گھی چھڑواناچاہوتوتمہیں سالہاسال لگ جائیں گے ۔وہ کہیں گی کہ اگر ہم گھی لگاناچھوڑ دیں توہمی سردردہوجاتاہے ۔زکام ہوجاتاہے اوروہ تمہاری مخالفت کریں گی اورسمجھیں گی کہ تم ان کے راستہ میں روک بن رہے ہو ۔غرض چھوٹی سے چھوٹی عادت کاچھڑانابھی آسان کام نہیں ہوتا۔ لیکن خداتعالیٰ کی طرف سے آنے والا مصلح توساری دنیا کو پلٹ دینے کے لئے آتاہے ۔وہ ان کے طورطریق سے انہیں باز رکھنے کی کوشش کرتاہے ۔پھراس کی مخالفت کس طرح نہ ہو۔چنانچہ جب بھی کوئی مصلح آتاہے لوگ اس کی باتوں پر ہنسی اڑاتے ہیں ۔مذاق کرتے ہیں۔ اسے مارتے پیٹتے ہیں۔اس کے ساتھیوںکو مارتے پیٹتے ہیں ۔اوریہ چیز برابراورمتواترچلتی چلی جاتی ہے ۔جب رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے تومکہ والے اس وقت کئی کئی معبود مانتے تھے ۔جب رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ کہناشروع کیا کہ اللہ ایک ہے توقرآن کریم میں لکھا ہے کہ مکہ والوںکویہ عجیب بات معلوم ہوئی اورانہوں نے اس پر ہنسی اڑانی شروع کردی ۔و ہ ایک دوسرے سے ملتے توکہتے ۔بتائو لات خداہے یانہیں ۔وہ کہتا۔کیوں نہیں۔ پھروہ کہتا۔اچھا مناۃ خداہے یانہیں ۔وہ کہتا ۔یقیناً ہے ۔پھر وہ کہتا ۔اچھا عزّیٰ خداہے یانہیں۔ وہ کہتا ۔ضررور ہے ۔اس پر وہ ایک عجیب انداز میں قہقہہ مار کر کہتاکہ تم نے سنا یہ شخص کیا کہتاہے ۔ اس نے اتنے خدائوں کوایک خدابنادیاہے ۔وہ یہ خیال کرتے تھے کہ جس طرح عورتیں چٹنی بناتی ہیں ۔توکچھ نمک لیتی ہیں ۔کچھ مرچیں لیتی ہیں۔کچھ پودینہ لیتی ہیں اوران سب کوپیس کر چٹنی بناتی ہیں ۔اسی طرح محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے لات مناۃ،عزّیٰ وغیرہ کو کوٹ پیس کر ایک خدابنادیاہے ۔قرآن کریم میں لکھا ہے کہ وہ تعجب سے یہ کہاکرتے تھے کہ اَجَعَلَ الْاٰلِھَۃَ اِلٰھًا وَّاحِدً(ص آیت ۶)یعنی ہمارے بہت سے جوخداتھے ان کوتوڑ مروڑ کر اس نے ایک خدابنادیاہے ۔یہ خیال کہ یہ خداہیںہی نہیں ان کے ذہن میں آہی نہیں سکتاتھا ۔جب ان کے سامنے کوئی شخص کہتاکہ ایک خداہے تو وہ سمجھتے تھے کہ ایک خداکے معنے یہ ہیں کہ اس نے سارے خدائوں کو کوٹ کرایک چٹنی سی بنادی ہے اورجب وہ اس بات کو پیش کرتے توسارے لوگ ہنس پڑتے اورمحمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو پاگل سمجھتے ۔لیکن اب اگر یہی بات کسی مسلمان کے سامنے بیان کروتووہ بھی ہنس پڑے گا ۔………………کیونکہ اب اسے ایک خداپر یقین پیداہوچکا ہے ۔اوراس کایہ خیال پختہ ہوگیاہے ۔تو جس جس زمانہ میں بھی اللہ تعالیٰ کے انبیاء کی طرف سے کوئی بات پیش کی جاتی ہے چونکہ لوگ اس کے عادی نہیں ہوتے اس لئے وہ اس کی مخالفت کے لئے کھڑے ہوجاتے ہیں۔حضرت آدم علیہ السلام آئے توآپ کے خلاف دھوکا اورفریب سے کام لیاگیا۔اورآخر آپ کوانہوں نے اس مقام سے نکلنے پرمجبور کردیا جوان کا مولد و مسکن تھااورجس میں و ہ خداتعالیٰ کی طرف سے لوگوں کی ہدایت کے لئے مبعوث کئے گئے تھے ۔حضرت نوح علیہ السلام آئے توانہیں بھی مختلف رنگ میں اذیتیں پہنچائی گئیں ۔اورانہیں بھی اپنے ملک سے ہجرت کرنی پڑی ۔حضرت ابراہیم علیہ السلام آئے ۔تواپ کوآگ میں ڈالا گیا۔حضرت موسیٰ علیہ السلام آئے توآپ کو اورآپ کے ساتھیوں کوایک لمبے عرصہ تک فرعون کے مظالم کاتختئہ مشق بننا پڑا۔ اورجیساکہ حدیثوں سے معلوم ہوتاہے ۔ بنی اسرائیل میں سے بعض کے سروں پر آرے رکھ کر ان کوچیر دیاگیا ۔حضرت مسیح علیہ السلام آئے تودشمنوں نے آپ کوصلیب پر لٹکا دیااورآپ کے خلفاء اور حواریوں میں سے بھی بعض کوقتل کیااوربعض کو صلیب پر لٹکایا۔پھررسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کازمانہ آیاتو ا آپ کو بھی شدید سے شدید مشکلا ت اکاسامنا کرناپڑا۔کئی صحابہؓ قتل کئے گئے ۔بعض کامثلہ کیاگیا بعض کو اس طرح شہید کیا گیاکہ دواونٹو ںسے ان کی دوٹانگیں باندھ کر ان اونٹوںکو مختلف جہات میں دوڑایا گیا۔اوراس طرح ان کو چیر کر دوٹکڑے کردیاگیا۔بعض صحابہؓ کوتپتی ریت پر لٹایاگیا۔بعض کو سخت پتھروں والی زمین پر گھسیٹاگیا ۔بعض کے سینوں پر جوتیوں سمیت ناچاگیا۔عورتوں کی شرمگاہوں میں نیزے ما رمار کر ان کوماراگیا۔غرض وہ تمام قسم کی مصیبتیں اوراذیتیں جو مختلف انبیاء کے زمانہ میں ان کے دشمنوں نے ان کو دیں وہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں جمع ہوگئیں ۔اورآپ کے پیغام کو قبول کرنے سے اعراض اختیار کرلیاگیا۔یہی حال حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بعثت پر بھی ہوا۔اورآپ کو ہررنگ میں کچلنے اورنابود کرنے کی کوشش کی گئی ۔کیونکہ آپ دنیاکی طرف جو پیغام لائے وہ ان کے فرسودہ خیالات کے منافی تھا۔اوران کے اند رایک نیا تغیر پیداکرنے والاتھا۔بانی سلسلہ احمدیہ نے جب دعویٰ کیا تواس وقت لوگوں میں یہ احساس تھا کہ مسیح ناصریؑ دوبارہ دنیامی آئیں گے اوروہ غیر مسلموں کے سب اموال لوٹ کر مسلمانوںکے حوالے کردیں گے ۔لیکن حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے آتے ہی اعلان فرمادیا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام فوت ہوگئے ہیں ۔اب بظاہر یہ کوئی عجیب بات نہیں۔ہرشخص جو دنیا میں پیداہوتاہے وہ ایک دن مرتاہے ۔حضرت عیسیٰ علیہ السلام بھی اسی طرح آئے اورفوت ہو گئے ۔لیکن مسلمانوں نے اپنے دلوں میں مسیحؑ کی آمد ثانی کے متعلق جو تصورات قائم کررکھے تھے ان کو اس تعلیم سے شدید صدمہ پہنچا ۔اورانہوں نے کہا۔اس کامطلب یہ ہواکہ عیسائیوں کوکوئی نہیں مارے گا۔اس کامطلب یہ ہواکہ ہندوئوں کو کوئی نہیں مارے گا ۔اس کامطلب یہ ہواکہ سکھوںکوکوئی نہیں مارے گا۔اس کامطلب یہ ہواکہ مسلمان ویسے ہی کمزوررہیں گے جیسے پہلے تھے ۔سوائے اس کے کہ وہ اپنے زورسے آگے نکلنے کی کوشش کریں ۔اس کامطلب یہ ہواکہ یورپ اورامریکہ کی دولت مسلمانوںمیں تقسیم نہیں ہوگی ۔غرض اس تعلیم سے حضرت مسیحؑ پرموت ہی نہیں آئی بلکہ خود مسلمان بھی زندہ درگورہوگئے ۔وہ لو گ جو پہلے گھرو ں میں بیٹھے دولتوں کے منتظر تھے سمجھتے تھے کہ امریکہ کے پریزیڈنت کاسارامال فلاں کو مل جائے گا اورراک فیلر کامال فلاںکو مل جائے گا ان کی توساری امیدیں ختم ہوگئیں اوروہ گویا جیتے جی مرگئے ۔اب بظاہر یہ ایک چھوٹی سے چیز نظرآتی ہے ۔لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس نے قوم کے خیالات کواتنادھکادیاکہ جس کاصدمہ مسلمانوں سے برداشت نہ ہوسکااوروہ مخالفت کے لئے کھڑے ہوگئے ۔پہلے جب مسلمانوں سے کہاجاتاتھایہ کام کروتووہ کہتے تھے ہم نے کام کرکے کیاکرناہے۔مسیح آئے گاتووہ کافروں کے مال لوٹ کر ہمارے گھروں میں ڈال دے گا ۔حضر ت مرزاصاحبؑ کے آنے سے ان کی سب امیدوں پر پانی پھر گیاکیونکہ حضرت مرزاصاحب نے آکر ان سے یہ کہاکہ جوکچھ کرناہے تم نے کرناہے ۔تم نے ہی لڑناہے۔تم نے ہی مرناہے ارتم نے ہی اپنی ترقی کے لئے آپ جدوجہدکرنی ہے ۔گویاجوچیز انہیں بیٹھے بٹھائے حاصل ہونے کی توقع تھی اس کے متعلق انہیں محنت اورقربانی اورجدوجہد کاراستہ دکھایاگیا اورانہیں بتایاگیاکہ تم غلط خیالات میں مبتلاہوکراپنی قیمتی زندگی کو ضائع کررہے ہو۔اس پر ان کا غصہ میں مبتلا ہونااوران کاحضرت مرزاصاحبؑ کی مخالفت کے لئے کھڑاہوجاناایک طبعی بات تھی ۔یہ ایسی ہی بات تھی جیسے کوئی شخص کسی دوسرے کو کہدے کہ آج تمہارے گھر کے تما م افراد کاکھانا ہمارے ہاں ہے لیکن جب کھانے کا وقت آئے تواسے پتہ لگے کہ اسے دھوکادیاگیاہے کھانا وغیرہ کسی نے تیار نہیں کیا اب ایسے موقعہ پروہ غصہ میں نہ آئے تو کیاکرے کیونکہ اسے بھوک لگی ہوئی ہوگی۔بچے رورہے ہوں گے اورادھر یہ حالت ہوگی کہ ابھی گھرمیں آٹاگوندھاجارہاہوگا۔آگ جلائی جارہی ہوگی۔اورسب کہہ رہے ہوں گے کہ یہ کیا مصیبت آگئی ۔اب کھانا کب تیار ہوگا ۔اورکب کھائیں گے ۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے آنے سے درحقیقت ایساہی ہوا۔مسلمانوں کوکہاگیاتھا کہ تمہاری خداتعالیٰ کی طرف سے دعوت ہے ۔تمہیں کچھ کرنے کی ضرورت نہیں ۔آسمان سے مسیح آئے گا اوروہ دنیا کی دولتیں لوٹ کر تمہارے گھروں میں بھر دے گا اوروہ آرام اوراطمینان کے ساتھے بیٹھے تھے ۔سمجھتے تھے کہ نہ ہمیں لکھنے پڑھنے کی ضرورت ہے ۔نہ روپیہ کمانے کی ضرورت ہے نہ کسی جدوجہداورقربانی کی ضرورت ہے ۔مسیح آئے گا اورہم اس کے آتے ہی بامِ عروج پر جاپہنچیں گے ۔ا س عقیدہ کے نتیجہ میں جب وہ علم سے محروم ہوگئے ۔ترقیات سے محروم ہوگئے ۔عزت سے محروم ہوگئے ۔شہرت سے محروم ہوگئے ۔پستی اورذلت اورنکبت ان پرپوری طرح چھا گئی توحضرت مرزاصاحب ؑ نے آکر کہاکہ جو کچھ بنے گا اپنے کام سے بنے گا ۔کسی دوسرے پرامید رکھنا بالکل غلط ہے ۔تم کوایک وقت کی روٹی نہ ملنے سے جتناصدمہ پہنچتاہے اس سے کتنا زیادہ صدمہ ان لوگوںوکوہواہوگا۔تم تصور توکروکہ اگرکوئی تم سے مذاق کرے کہ رات کوتمہاراہمارے ہاں کھاناہوگا اورعین وقت پر جب تمہارے بچے بھوک سے بلبلارہے ہو ں ۔تمہیں معلوم ہوکہ تمہارے ساتھ مذاق کیاگیاہے اوراس وقت تمہیں کھاناپکانے کی فکر ہو توجتناغصہ تمہارے دل می اس وقت پیداہوسکتاہے اس سے لاکھوں گنازیادہ غصہ مسلمانوںکو پیداہواکیونکہ ان کا اوران کی نسلوں کا انحصارہی اس لوٹ پر تھا جومسیح نے کرنی تھی ۔پھر ایک چیز نہیںبیسیوں چیزیں ہیں جومسلمانوں میں جھگڑے کاباعث بنی ہوئی تھیں۔ کہیں رفع یدین پر جھگڑاتھا ۔کہیں آمین بالجہر کہنے پر جھگڑاتھا۔کہیں تشہد میں انگلی اٹھانے یانہ اٹھانے پرجھگڑاتھا ۔کہیں نماز میں ہاتھ سینے پر باندھنے یاناف کے نیچے باندھنے پر جھگڑاتھا۔حضرت مرزاصاحبؑ نے ان تما م جھگڑوں کو ختم کردیا اورکہاکہ ان باتوں پر لڑنا جھگڑنا فضول ہے ۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم ن کبھی قوم کو جوش دلانے کے لئے آمین اونچی بھی کہی ہے اورکبھی نیچی بھی کہی ہے ۔کبھی فوجی روح قائم کرنے کے لئے آپ نے سینہ پر ہاتھ باندھے اورکبھی انکسار اورتذلل کی حالت میں آپؐ نے ناف کے نیچے بھی باندھ لئے ۔کبھی تشہد کے وقت آپ نے ا نگلی اٹھائی اورکبھی نہیں اٹھائی ۔تشہد میں انگلی اٹھانے کے یہ معنے ہیں کہ انسان اپنے ہاتھ سے بھی اس بات کا اقرا رکرتاہے کہ خداایک ہے ۔مگریہ دونوں طرح جائز ہے ۔خواہ کوئی انگلی اٹھائے یا نہ اٹھائے اس کی نماز میں کوئی نقص واقع نہیں ہوتا۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بعض عربوں کو دیکھ کرکہ ابھی ان میں پوری طرح توحید نہیں آئی تشہد میں انگلی اٹھانے کاحکم دیا۔مگر بعض دفعہ آپ نے انگلی نہیں بھی اٹھائی ۔جوشخص توحید کے عقیدہ پر پختگی کے ساتھ قائم ہوگیاہے اگر وہ انگلی نہ اٹھائے تب بھی کوئی حرج نہیں۔مگراس مسئلہ پر اتنا زوردیاگیا کہ بعض لوگوں کو محض ا س وجہ سے انگلیاں توڑ دی گئیں کہ انہوں نے تشہد میں انگلی کیوں اٹھائی ہے ۔پھر قرآن کے متعلق مسلمانوں میں یہ غلط خیال قائم تھاکہ اس کی کئی آیا ت منسوخ ہیں ۔لیکن حضرت مرزاصاحبؑ نے آکر کہہ دیاکہ قرآن کریم کی ایک آیت بھی منسوخ نہیں ۔بسم اللہ سے لے کر والناس کے س تک ایک ایک حرف اورایک ایک زبراورایک ایک زیر قابل عمل ہے ۔اب بجائے اس کے کہ مسلمان شکرگذار ہوتے کہ آپؑ نے ایک اعلیٰ درجہ کی تعلیم ہمارے سامنے پیش کی ہے جوقرآنی حسن کو نمایاں کرنے والی ہے۔چونکہ یہ تعلیم ان کے خیالات کے خلاف تھی انہوں نے آ پ کی مخالفت شروع کردی اورعلماء نے ہندوستان کے ایک سرے سے لیکر اس کے دوسرے سرے تک آپؑ کے خلاف ایک طوفان بدتمیزی برپاکردیا اورآپ کو کافر اورمرتداورزندیق اورواجب القتل قراردیاگیا۔
غرض تاریخ کا ہر دور وَمَایَاْتِیْھِمْ مِّنْ ذِکْرٍ مِّنَ الرَّحْمٰنِ مُحْدَثٍ اِلَّاکَانُوْاعَنْہُ مُعْرِضِیْنَ کی سچائی پرشہادت دے رہاہے۔جب کبھی اللہ تعالیٰ کی طرف سے کوئی پیغامبر قوم کی زندگی کا پیغام لے کر آیا ہمیشہ اس پر ہنسی اڑائی گئی ۔اسے تباہ کرنے کی کوشش کی گئی اوراس کے پیغام سے اعراض کیاگیا۔اس جگہ بھی اللہ تعالیٰ اسی اعراض کا ذکرکرتے ہوئے فرماتاہے فَقَدْکَذَّبُوْا فَسَیَاْتِیْھِمْ اَنْبٰٓؤُامَاکَانُوْابِہٖ یَسْتَھْزِئُ وْنَ چونکہ یہ لوگ صداقت کو جھٹلاچکے ہیں اس لئے اب عنقریب ان کے پا س ان امور کے متعلق جب پر یہ ہنسی اڑایاکرتے تھے ہماری عظیم الشان خبریں پوری ہوکر آجائیں گی ۔اورانہیں معلوم ہوجائے گا کہ محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کاانکار کیسی خطرناک چیزہے ۔اس جگہ سزائوں کوخبریں اس لئے کہاگیاہے کہ اللہ تعالیٰ نے سورئہ فرقان کے آخر میں کفار کو تنبیہ کی تھی کہ اگر تم خداتعالیٰ کے حضور دعااورگریہ و زاری سے کام نہیں لوگے توخداتعالیٰ تمہاری کوئی پرواہ نہیں کرے گا جس کے معنے یہ تھے کہ اگر وہ توبہ نہیں کریں گے توان پرعذاب نازل ہوگا اوروہ تباہ کردیئے جائیں گے ۔پس چونکہ سورئہ فرقان کے آخر میں انہیں عذاب کی خبر دی گئی تھی جس پر کفار نے ہنسی اڑائی اورانہوںنے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پیغام سے اعراض کیا۔اس لئے اللہ تعالیٰ نے بتایاکہ جن امور پر یہ لوگ ہنسی اڑاتے رہے ہیں ان کے متعلق اب ہماری خبریں ان کے سامنے پوری ہوکر آجائیں گی ۔اورانہیں معلوم ہوجائے گا کہ ہمارے رسول نے جوکچھ کہاتھا ۔سچ کہا تھا ۔ نَبَأٌ کے متعلق علامہ ابوالبقاء نے اپنی کتاب کلیات میں لکھاہے کہ یہ لفظ قرآن کریم میں ہمیشہ ایسے امور کے متعلق استعمال ہوتاہے جو بہت بڑی عظمت اور شان رکھنے والے ہوں ۔اورچونکہ اسلام کے غلبہ سے بڑی اورعظیم الشان خبراورکوئی نہیں ہوسکتی ۔اسلئے اس جگہ انباء میں انہی خبروں کی طرف اشارہ کیاگیاہے جو کفرکی تباہی اوراسلام کے غلبہ کے متعلق قرآن کریم میں دی گئی تھیں۔اورجن پر کفار نے اپنی طاقت اورقوت کے گھمنڈ میں ہنسی اڑائی ۔مگرتھوڑے دنوں کے بعد ہی انہوں نے دیکھا کہ وہی غلام جن کو وہ گلیوں میں گھسیٹاکرتے تھے اورجن کے سینوں پر بڑے بڑے پتھر رکھ کر انہیں لات اور مناۃ کی پرستش کرنے پرمجبور کیاجاتاتھاگھوڑے دوڑاتے اورفتح و ظفر کاپرچم لہراتے ہوئے مکہ میں داخل ہوئے ۔اورمکہ کے بڑے بڑے صنادید کے لئے سوائے اس کے کوئی چارہ نہ رہا۔کہ وہ اپنے گھروں میں چھپ کربیٹھ رہیں یامکہ کوچھوڑ کربھاگ جائیں ۔غرض وہ خبریں جو ان کی تباہی کے متعلق دی گئی تھیں پوری ہوئیں۔ اوراسلام عرب کے کونہ کونہ میں پھیل گیا۔اوراب خداکے فضل سے وہ دنیا کے کونہ کونہ میں پھیل چکا ہے ۔اورابھی آئندہ زمانہ میںاوربھی پھیلے گا ۔
اولم یرواالی الارض کم انبتنا فیھا من کل زوج کریم٭
کیاوہ زمین کو نہیں دیکھتے کہ ہم نے اس میں قسم قسم کے عمدہ جوڑے بنائے ہیں
ان فی ذٰلک لآیۃ۔ وماکان اکثرھم مومنین٭ وان ربک لھوالعزیز الرحیم٭
اس میں ایک بڑانشان ہے مگر ان میں سے اکثر ایمان نہیں لاتے ۔ اورتیرارب ہی یقیناً غالب(اور)بار بار رحم کرنے والاہے ۔۴؎
۴؎ حل لغات:۔ زَوْج ٌکے معنے ہیں کُلُّ واحِدٍ مَعَہٗ اٰخَرُ مِنْ جِنْسِہٖ۔ہروہ چیز جس کے ساتھ اس کی جنس میں سے ایک اَور وجود بھی ہو ۔اَلصِّنْفُ مِنْ کُلِّ شَیْئٍ ۔ہرچیز کی ایک ایک قسم (اقرب)
تفسیر۔ فرماتاہے ۔کیاانہوں نے کبھی غور نہیں کیا ۔کہ زمین میں ہم نے کس طرح قسم قسم کی اعلیٰ ترکاریاں اورپھل وغیرہ پیداکئے ہیں اگر وہ اس پر غور کرتے توان کومعلوم ہوجاتاکہ دین کے معاملہ بھی خداایساہی کرے گا۔اوراعلیٰ روحانی نعمتیں بھیجے گا جوروح کی غذابنیں گی ۔اوراعلیٰ قسم کے انسان پیداکرے گا جوایکد وسرے کے ہمدرد اورخیرخواہ ہوںگے۔اورگویہ لوگ ابھی خداتعالیٰ کی آواز پر لبیک نہیں کہہ رہے مگر تیرارب بڑاغالب اوررحم کرنے والاہے وہ ضرور ایسی تدبیرکر یگاجس سے دنیا پر اس کی بادشاہت قائم ہوجائے گی ۔اوراس کے رحم کالمباسلسلہ انسانوں کے لئے جاری ہوجائے گا۔
مِنْ کُلِّ زَوْجٍ کَرِیْمٍ میں اللہ تعالیٰ نے اس امر کی طرف بھی اشارہ فرمایا ہے کہ تمام نباتات نر ومادہ کی حیثیت رکھتی ہیں ۔ یعنی ان میں کچھ نر پودے ہوتے ہیں اور کچھ مادہ ۔ اور جب وہ دونوں آپس میں ملتے ہیں تب فصل پیدا ہوتی ہے اسی لئے ماہرین زراعت کہا کرتے ہیں کہ باغوں میں شہد کی مکھّیاں رکھنی چاہئیں کیونکہ وہ نر درخت پر بیٹھ کر اُس سے زکا نطفہ لیتی ہیں ۔اور مادہ درخت پر جا کر رکھ دیتی ہیں جس کی وجہ سے اُسے خوب پھل آتا ہے ۔عرب لوگ کھجو رک متعلق اس حقیقت کو جانتے تھے اوروہ نراورماد ہ درختوں کو آپس میں ملایاکرتے تھے۔مگررسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو اسکاعلم نہیں تھا۔ایک دفعہ آپ نے دیکھا کہ کچھ لوگ کھجور کے نردرختوںکو مادہ کھجوروں سے ملارہے ہیں۔آ پ نے فرمایاکیاکرتے ہو۔انہوں نے عرض کیا یارسول اللہ! ہم تونرکومادہ پرڈالتے ہیں تاکہ فصل اچھی ہو ۔آپ نے فرمایا۔اس کاکیافائدہ جو پھل پیداہوناہے وہ توہوناہی ہے ۔ انہوں نے یہ سن کر چھوڑ دیامگرنتیجہ یہ ہواکہ ان کی فصل ماری گئی ۔وہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خد مت میں حاضر ہوئے اورانہوں نے عرض کیا ۔یارسول اللہ!ہماری توفصل اچھی نہیں ہوئی۔ آپؐ نے فرمایا۔کیوں۔انہوںنے کہا۔آپؐ نے جوفرمایاتھا کہ نرکامادینہ کھجور پرنہ ڈالو ۔آپؐ نے فرمایا۔میں توتمہاری طرح کاایک انسان ہو ں یہ علم توتم جانتے ہو۔مجھے معلوم نہیں۔اس لئے تم وہی کچھ کروجسے علمی لحاظ سے تم صحیح سمجھتے ہو۔(مسلم جلد۲۔ کتاب الفضائل) غرض رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو اس بارہ میں ذاتی طورپر کوئی علم نہیں تھا۔مگراللہ تعالیٰ نے بتایاکہ اتمام نباتات آپس میں جوڑہ جوڑہ ہیں ۔بلکہ سورئہ ذاریات میں اللہ تعالیٰ فرماتاہے ۔وَمِنْ کُلِّ شَیْئٍ خَلَقْنَا زَوْجَیْنِ لَعَلَّکُمْ تَذَکَّرُوْنَ(ذاریا ت ع۳) یعنی نرومادہ صرف انسانوں میں ہی نہیں بلکہ ہرچیز میں ہیں ۔جمادات میں بھی ہیں۔ نباتات میں بھی ہیں ۔حیوانات میں بھی ہیں۔اوراب توبعض سائنسدان اس تحقیق میں اتنے بڑھ گئے ہیں کہ وہ دھاتوں میں بھی نرومادہ کے قائل ہوگئے ہیں ۔ایک سائنسدان کی کتاب میں میں نے پڑھاکہ ٹین بھی دوقسم کے ہوتے ہیں ۔ایک ٹین نرہوتاہے اورایک مادہ ہوتاہے اوروہ بھی ایک دوسرے کے اثر کو قبول کرکے ایک نئی شکل اختیار کرلیتے ہیں ۔مگرخداتعالیٰ اس سے بھی اوپر جاتاہے اورفرماتاہے کہ ہم نے ہرچیز کاجوڑا بنایاہے اورچیز کے لفظ میں نباتات بھی آجاتی ہے ۔حیوانات بھی آجاتے ہیں ۔جمادات بھی آجاتے ہیں ۔بلکہ اس سے بڑھ کر ذرّات عالم اورمجموعئہ ذرات عالم بھی آجاتے ہیں اورجب خداتعالی نے یہ کہاکہ ہم نے ہرچیز کو جوڑابنایاہے تواس کے معنے یہ ہوئے کہ خداتعالیٰ کے سواباقی ہرچیز کاجوڑاہے اورکوئی چیز اپنے جوڑے کے بغیر صحیح نتیجہ پیدانہیں کرسکتی ۔جس طرح مادی دنیامیں اللہ تعالیٰ نے ہرچیز کاجوڑابنایاہے ۔اسی طرح روحانی دنیامیں انسانی روح خداتعالیٰ کے فضل اوراس اکی رحمت کا جوڑاہے اورجب تک الٰہی فضل انسانی روح سے آکر نہ ملے اس وقت تک روحانی نسل کاسلسلہ قائم نہیں ہوسکتا۔مجھے یادہے۔میں ابھی بچہ ہی تھا کہ میں نے ایک دفعہ رؤیا میں دیکھا کہ میں امرتسر میں ہوں وہاں ملکہ کاایک بت تھا جوسنگ مرمرکا بناہواتھااوراس کے ارد گرد ایک چبوترہ تھا اوروہ بھی سنگ مر مرکابناہواتھا ۔اورچبوترے پر چڑھنے کے لئے سنگ مرمرکی ہی سیڑھیاں بنی ہوئی تھیں۔میں نے رؤیامیں دیکھاکہ ان سیڑھیوں پرتین چار سال کا ایک بچہ کھڑاہے جو نہایت حسین اورصاف ستھرے کپڑوں میں ملبوس ہے اورآسمان کی طرف دیکھ رہاہے ۔رؤیامیں میں سمجھتاہوں کہ یہ مسیحؑ ہے۔تھوڑی دیر کے بعد آسمان پھٹااوراس میں سے ایک چیز زمین کی طرف اڑتی ہوئی نظر آئی ۔وہ خوبصورت رنگو ں والے لباس میں لپٹی ہوئی تھی ۔اوراس کے پَر تھے جن سے وہ اڑتی ہوئی آرہی تھی ۔میں رؤیا میں سمجھتاہوں کہ یہ حضرت مریمؑ ہیں نیچے آکر جسے مرغی اپنے پَر پھیلا کر بچوںکو اپنے پَروں کے نیچے لے لیتی ہے ۔اسی طرح اس نے بچہ پراپنے پَر رکھ دیئے ۔اورجب اس نے ایساکیا تومیری زبان پر یہ الفاظ جاری ہوئے:۔
‏LOVE CREATES LOVE
یعنی محبت محبت پیداکرتی ہے ۔جب میری آنکھ کھلی تومیں نے سمجھا کہ مریم جو رؤیامیں مجھے بطور ماں دکھائی گئی ہے اس سے مراد خداتعالیٰ کی محبت ہے اوربچہ جو مسیح کی شکل میں دکھایاگیا و ہ روح کی خداتعالی کی طرف انابت اور جھکنے کاتمثّل تھا ۔جب انسانی روح خداتعالیٰ کی طرف جھکتی ہے وتاس ے نتیجہ میں ایک روحانی وجودپیداہوتاہے جوخداتعالیٰ کوایساہی پیاراہوتاہے جیسے ماں کو اسکابچہ ۔ کیونکہ خداتعالیٰ جسم کے ساتھ پیار نہیں کرتا ۔و ہ وجود جس کے ساتھ خداتعالیٰ پیار کرتاہے ۔و ہ خداتعالیٰ کی رحمت کے ساتھ مل کر پیداہوتاہے ۔اوراس کے لئے خدا بمنزلہ ماں بن جاتاہے ۔
یہی سبق اللہ تعالیٰ نے کفار کو دیاہے ۔اورفرمایاہے کہ کیا وہ زمین کی طرف نہیں دیکھتے کہ ہم نے اس میں کیسے کیسے خوبصورت جوڑے پیداکردیئے ہیں پھر کیا وہ اس نظار ہ کو دیکھتے ہوئے نہیں سمجھ سکتے کہ جس طر ح مادی دنیا میں ہم نے ہرچیز کاجوڑابنایاہے اسی طرح ان کی روح بھی اپنی طاقتوں کے اظہار کے لئے ایک جوڑے کی محتاج ہے اوریہ جوڑاخداتعالیٰ کی رحمت سے مل کر مکمل ہوتاہے ۔پس اگروہ اپنی روحانی نسل کو جاری کرناچاہتے ہیں توانہیں اس خدائی رحمت کے ہاتھ کو تھام لیناچاہیئے جومحمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی شکل میں اس کی طرف سے بلندہواہے ورنہ جس طرح ایک بانجھ عورت اولاد سے محروم رہتی ہے۔ اسی طرح وہ ان روحانی نعماء سے محروم رہیں گے جو محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعہ لٹائے جارہے ہیں ۔
واذنادیٰ ربک موسیٰ ان ائت القوم الظالمین ٭
اور(یادکر)جب تیرے رب نے موسیٰ کو پکاراتھا (اورکہاتھا) کہ ظالم قوم یعنی فرعون کی قوم کے پاس جا۔
قوم فرعون ط الایتقون٭ قال رب انی اخاف ان یکذبون
(اوران سے کہہ کہ) کیا وہ تقویٰ نہیں کرتے؟ اس نے (جواب میں )کہا ۔اے میرے رب میں ڈرتاہوں کہ وہ میری تکذیب نہ
ویضیق صدری ولا ینطلق لسانی فارسل الی ھٰرون ٭
کریں ۔اورمیراسینہ تنگی محسوس کرتاہے اورمیری زبان (اچھی طرح) چلتی نہیں پس (میرے ساتھ)ہارونؑ کو بھی مبعوث کر۔
ولھم علی ذنب فاخاف ان یقتلون٭
اور(یہ بات بھی ہے کہ)ان (لوگوں)کامیرے خلاف ایک الزام بھی ہے اورمیں ڈرتاہوں کہ وہ مجھے قتل نہ کردیں ۔
قال کلا ج فاذھباباٰیٰتنا ان معکم مستمعون٭
فرمایا۔ہرگز نہیں ۔پس (ہماراحکم سن کر )تم دونوں ہماری آیتیں لیکر (چلے )جائو۔ہم (تمہارے اورتمہارے ساتھیوں کے ) ساتھ ہوں گے اور(تمہاری دعائوں کو )سنتے رہیں گے ۔
فاتیافرعون فقولاانا رسول رب العالمین٭ان ارسل معنا بنی اسرائیل٭
پس فرعون کے پاس جائو اوراسے کہو کہ ہم رب العالمین(خدا)کے بھیجے ہوئے ہیں۔(اس حکم کے ساتھ )کہ ہمارے ساتھ بنی اسرائیل کو بھیج دے ۔۵؎
۵؎ حل لغات :ذَنْبٌ:یُسْتَعْمَلُ فِیْ کُلِّ فِعْلٍ یَسْتَوْخَمُ عُقَبَاہُ (مفردات ) یعنی ہر وہ فعل جس کانتیجہ خراب ہو ذنب کہلاتاہے ۔
تفسیر ۔فرماتاہے ۔اس وقت کو یاد کروجب تمہارے رب نے موسیٰؑ کو پکارا اوراسے کہاکہ تُو ظالم قوم یعنی فرعونیوں کی قوم کے پاس جااورسے کہہ کہ کیا وہ تقویٰ اختیار نہیں کریں گے ؟ اس پر موسیٰ نے کہا ۔اے میرے رب! میرے جانے کاکیا فائدہ وہ تومجھے جھٹلادیں گے۔علاوہ ازیں میراسینہ ان کے آنے والے سلوک کا تصورکرکے تنگی محسوس کرتاہے اورمیری زبان اس ڈر سے بند ہوتی چلی جاتی ہے کہ وہ انکار سے کام لیں گے ۔پس تو اپنا پیغام ہارون کی طرف بھیج۔نیز وہ مجھ پر گناہ کا الزام بھی عائد کرتے ہیں ۔سومیں ڈرتاہوںکہ کہیں وہ میری بات سنے بغیر ہی مجھے قتل نہ کردیں ۔اللہ تعالیٰ نے فرمایا ۔ان کی مجال نہیں کہ وہ ایسا کرسکیں ۔لیکن چونکہ تونے ایک خواہش کااظہار کیا ہے ہم ہارون کو بھی مبعوث کرتے ہیں ۔سوتم دونوں ہمارے نشان لے کر جائو ۔بڑانشان تویہی ہے کہ ہم تمہارے ساتھ ہیں اورتمہاری دعائیں سنتے رہیں گے اورفرعون اوراس کے ساتھ تمہار اکچھ بھی بگاڑ نہیں سکیں گے ۔سوتم دونوں فرعون کے پا س جائو اور اسے کہو کہ ہم رب العالمین خداکی طرف سے تمہاری طرف رسول بن کر آئے ہیں تم ہمارے پیغام کو قبول کرو۔اوربنی اسرائیل کو غلامی سے نجا ت دے کر ہمارے ساتھ روانہ کردو۔یہ واقعہ بیان فرماکر اللہ تعالیٰ نے اس امر کی طرف توجہ دلائی ہے کہ جس خدانے فرعون کی قوم کے لئے ہدایت کاسامان مہیا کیاتھا ۔و ہ مکہ والوں کے لئے کیوں ہدایت کاساامان مہیا نہ کرتا۔ فرعون کی قوم کے لئے تو کسی پہلے نبی کی دعاموجود نہیں تھی لیکن مکہ والوں کے لئے تو ابراہیم کی یہ دعاموجود تھی ۔ کہ رَبَّنَاوَابْعَثْ فِیْھِمْ رَسُوْلًامِّنْھُمْ یَتْلُوْ ا عَلَیْھِمْ اٰیٰتِکَ وَیُعَلِّمُھُمُ الْکِتٰبَ وَالْحِکْمَۃَ وَیُزَکِّیْھِمْ اِنَّکَ اَنْتَ الْعَزِیْزُالْحَکِیْمُ(بقرہ آیت ۱۳)یعنی اے ہمارے رب! توان لوگوں میںاپنا ایک رسول مبعوث فرما جو ان پر تیری آیات کی تلاوت کرے انہیں کتاب اوراحکمت سکھائے اوران کا تزکیہء نفوس کرے ۔توبڑاغالب اورحکمت والا ہے ۔پس اگر بغیر کسی دعاکے اللہ تعالیٰ نے فرعونیوں کی ہدایت کے لئے موسیٰ کومبعوث فرمادیاتواتنی بڑی دعاکی موجودگی میں جبکہ اللہ تعالیٰ کا بھی یہ وعدہ تھا کہ وہ اپنے انعامات کی بارش نسل اسمٰعیل پر برسائے گا اوراسے بھی ایک بڑی قوم بنائے گا ۔(پیدائش باب ۱۷ آیت ۲۰ تا۲۲)کیوں ان کی ہدایت کے لئے اللہ تعالیٰ اپنابرگزیدہ کھڑانہ کرتا پس محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کاآنا لوگوں کے لئے کسی حیرت کاموجب نہیں بنناچاہیئے ۔حیرت تب ہوتی جب اللہ تعالیٰ کی طرف سے لوگوں کی ہدایت کا کوئی سامان پیدانہ ہوتا اورابراہیمی دعارائیگاں چلی جاتی۔
پھر اللہ تعالیٰ نے موسیٰ کا ذکر فرماکر یہود کوبھی اس امر کی طرف توجہ دلائی ہے کہ تم موسیٰ کی کتاب پر ایما ن رکھتے ہو۔تمہیں معلوم ہے کہ تورات میں یہ پیشگوئی موجود ہے کہ
’’ میں ان کے لئے ان کے بھائیوں میں سے تجھ ساایک نبی برپاکروں گا اورجوکچھ میں انہیں فرمائوں گا وہ سب ان سے کہے گا ۔ اورایساہوگاکہ جوکوئی میری باتوں کو جنہیں وہ میرانام لے کے کہے گا نہ سنے گا تومیں اس کاحساب اس سے لوںگا۔‘‘
(استثناء باب۱۸ آیت ۱۵تا ۲۰)
کیااس پیشگوئی کے مطابق یہ ضروری نہیں تھا کہ موسیٰ کے بعد بنی اسرائیل کے بھائیوں یعنی بنی اسمٰعیل میں سے ایک ایسانبی آتا جوموسیٰ کامثیل ہوتا۔یعنی جس طرح وہ صاحب شریعت نبی تھا اس طرح آنے والا رسول بھی صاحب شریعت ہوتا۔
پھر تورات میں یہ بھی کہاگیاتھا کہ وہ جب بھی خداکاکلام سنائے گاتوکہے گاکہ میں خداکانام لے کر تمہیں یہ کلام سناتاہوں چنانچہ قرآن کریم کی کوئی سورۃ نہیں جو اللہ تعالیٰ کے نام کے بغیر شروع ہوتی ہو ۔ہرسورۃ سے پہلے بسم اللہ الرحمن الرحیم لکھا ہواہوتاہے جوہریہودی اورعیسائی کو اس امر کی طرف توجہ دلاتاہے کہ تم کیوں س نبی کو نہیں مانتے جوموسیٰ کی پیشگوئی کے مطابق جب خداتعالیٰ کا کلام سناتاہے تواس سے پہلے یہ الفاظ بھی کہہ دیتاہے کہ میں اللہ کانام لے کر یہ کلام سناتاہوں اورپھر بھی اس کو کوئی سزانہیں ملتی ۔
غرض موسیٰ کاذکر مکہ والوں کو دعائے ابراہیمی کی طرف اوریہودیوںاورعیسائیوں کو تورات کی پیشگوئی کی طرف توجہ دلانے کے لئے کیاگیاہے اور کہا گیاہے کہ وہ اس دعااورپیشگوئی کی عظمت کو سمجھیں اورمحمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کاانکار کر کے اللہ تعالیٰ کے غضب کااسی طرح نشانہ بنیں جس طرح فرعون موسیٰ کاانکار کرکے نشانہ بنا ۔
اَنِ ائْتِ الْقَوْمَ الظَّالِمِیْنَ ۔قَوْمَ فِرْعَوْنَ میں یہ بتایاگیاہے کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام کو جب فرعون کی طرف بھجوایاگیا تو آپ کا بڑاکام یہی تھاکہ بنی اسرائیل کو اسکی غلامی سے نجات دلائیں ۔اورفرعون کو سمجھائیں کہ وہ اس الٰہی منشاء میں روک نہ بنے۔ اور بنی اسرائیل کو ان کے ساتھ جانے کی اجازت دے دے۔ چنانچہ جب بنی اسرائیل مصر سے چلے گئے توپھر حضرت موسیٰ علیہ السلام کا مصریوںسے کوئی واسطہ نہ رہا بلکہ ان کی تمام ترتوجہ بنی اسرائیل کی طرف ہی مبذول رہی جن کی ہدایت اورترقی کے لئے وہ مبعوث کئے گئے تھے ۔مگرچونکہ بنی اسرائیل اہل مصر سے مل جل کررہتے تھے اوربنی اسرائیل کو الگ مخاطب کرنے اوران کے اند رایک نئی مذہبی روح پیداکرنے کی ا س وقت کو ئی صورت نہیں تھی اس لئے ابتداء میں اللہ تعالیٰ نے فرعون اوراس کی قوم کو بھی حضرت موسیٰ علیہ السلام کی دعوت میں شریک کرلیا۔اورآپ نے فرعون اوراس کی قوم کو بڑی بھار ی تبلیغ کی اورمتواتر کئی نشانات کے ذریعہ ان پر حجت تمام کی ۔مگر بنی اسرائیل کے مصر سے چلے جانے کے ابعد آپ کامصریوں سے کوئی واسطہ نہ رہا۔کیونکہ آپ اصولی طور پر صرف بنی اسرائیل کی ہدایت کے لئے ہی مبعوث ہوئے تھے لیکن رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے جب ہجرت کی اورآپ مدینہ تشریف لے گئے تومکہ والوں سے آپ کاتعلق منقطع نہیں ہوابلکہ آپ برابران کی ہدایت کے لئے کوشش فرماتے رہے۔ جوآپ کے درجہ اورمقام کی بلندی کا ایک بہت بڑاثبوت ہے ۔
اَلَایَتَّقُوْنَ میں بتایا گیاہے کہ انبیاء کی بعثت کی اہم غرض تقویٰ کاقیام ہوتی ہے۔مگربالعموم لوگ غلطی سے نیکی اورتقویٰ کو ایک ہی چیز سمجھ لیتے ہیں حالانکہ نیکی تووہ نیک کام ہوتاہے جوہم کرچکے ہیںیاکررہے ہیں ۔اورتقویٰ یہ ہے کہ انسان ایسے مقام پر کھڑاہوجائے کہ اس کے دل میں آئندہ جوجذبات بھی پیداہو ں وہ نیک اورپاک ہوں ۔کیونکہ جذبات کا اصل مقام دل ہے گو ان کا ظہور دما غ کے اعصاب کے ذریعہ سے ہوتاہے ۔
سائنسدان اس امر پر بحثیں کرتے چلے آئے ہیں کہ انسانی روح کا منبع دماغ ہے دل نہیں اوریہی وجہ ہے کہ وہ روح کی حقیقت کو نہیں پاسکے حالانکہ واقعہ یہ ہے کہ انسانی روح کاجیساکہ انبیاء علیہم السلام کی تعلیموں اوررؤیاو کشوف سے پتہ چلتاہے دل سے تعلق ہے ہاں دما غ چونکہ مغبت اعصاب ہے اس لئے قلبی علوم کو محسوس کرنا اوردل کے علوم مخفیّہ سے مستفیض ہونا اس کاکام ہے ۔یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے حیا ۃ کامقام دل کو قرار دیاہے دماغ کو نہیں ۔اورروح کا سب سے گہراتعلق اس عضو سے ہوسکتاہے جوانسانی جسم میں سب سے اہم حیثیت رکھتاہو اورجس کاکام سب سے نمایاںہو۔اوروہ اہم کام دل کاہی ہے ۔دماغ کانہیں ۔دل کی ایک سیکنڈ کی حرکت بندہونے سے کلّی طورپر انسان پرموت وارد ہوجاتی ہے ۔لیکن دماغ میں اگر فتور پیداہوجائے توگواس وجہ سے کہ دما غ کاکام علوم قلیبہ کو مسحوس کرناہے علوم پردہ میں آجاتے ہیں لیکن ضروری نہیں کہ انسان ن پر موت بھی وا رد ہوجائے ۔غرض دماغ خادم ہے اوردل وہ اصل مرکز ہے جہاں اللہ تعالیٰ اپنے انوار نازل کرتاہے ۔لیکن خواہ فلسفیوں کے تتّبع میں کوئی شخص تدبراورتفکر اوراخلاق فاضلہ کاتمام مدار دماغ پررکھے یایہ کہے کہ انسانی عقل اورمعرفت کاسرچشمہ دل ہے ۔اوردماغ کو علوم اورمعارف سے کچھ تعلق نہیں پھر خواہ وہ دل اوردماغ کی بجائے جذبات اورافکار اکالفظ استعمال کرے ۔بہرحال کوئی بھی صورت ہو انسان کے لئے دوچیزوں کی صفاائی نہایت ضروری ہے ،ان میں سے ایک فکر ہے اوردوسری جذبات لطیفہ ہیں۔افکارکی صفائی جسے عربی میں تنویرکہتے ہیں دماغ کی صفائی سے حااصل ہوتی ہے ۔تنویر اس بات کو کہتے ہیں کہ انسان کے اندرایسانورپیداہوجائے جس کی وجہ سے ہمیشہ صحیح خیالات پیداہوتے رہیں ۔جس طرح ایک تندرستی تویہ ہوتی ہے کہ انسان کہے میں اس وقت تندرست ہوں ۔اورایک تندرستی یہ ہوتی ہے کہ انسان آئندہ بھی تندرست رہے ۔اسی طرح تنویر فکر کی وہ درستی ہوتی ہے جس کے نتیجہ میں آئندہ جو خیالات بھی پیداہوں درست ہی ہوں ۔ اورتنویر کے جومعنے دماغ کی نسبت سے ہیں وہی تقویٰ کے معنے دل کی نسبت سے ہیں ۔یعنی جس طرح فعلاً صحیح خیال کاپیداہونا تنویر نہیں بلکہ ایسے ملکہ کاپیداہوجاناکہ ہمیشہ صحیح خیالات ہی پیداہوتے رہیں تنویر ہے ۔اسی طرح تقویٰ صرف ایک یاچند نیکیوں کانام نہیں بلکہ انسان کاایسے مقام پر کھڑاہوجاناتقویٰ کہلاتاہے کہ اس کے اند رجوجذبات بھی پیداہوں وہ ہمیشہ نیک اورپاک ہوں ۔اس کی تائید اس حدیث سے بھی ہوتی ہے جس میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں کہ میراشیطان مسلمان ہوگیاہے ۔یعنی میرے دل میں جوخیال بھی پیداہوتاہے نیک ہی ہوتاہے برانہیں ہوتا ۔غرض افکار کے لئے تنویر اورجذبات کے لئے تقویٰ کا لفظ استعمال کیاجاتاہے اورانسان بدی کے حملہ سے اسی وقت محفوظ ہوتاہے جب کسی انسان کو تنویر افکار بھی حاصل ہواورتقویٰ قلب بھی حاصل ہو۔ پس اَلَا یَتَّقُوْنَ میں بتایا گیا ہے کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام قومِ فرعون کی طرف تقوی اللہ کا پیغام لے کر گئے تھے ۔اور آپ کی بعثت کا بڑا مقصد یہ تھا کہ آپ اپنی دعائوں اور تبلیغ اور نصائح کے نتیجہ میں ان کی ایسی اصلاح کردیں کہ نہ صرف ان کے افکار اور ان کے جذبات میں دوستی پید اہوجائے بلکہ ان کے اندر ایسا ملکہ پید ا ہوجائے کہ آئندہ جب بھی ان کے دماغ میں کوئی خیا ل پید ا ہووہ صحیح ہو۔اور جب بھی ان کے دلوں میں کوئی جذبات پید ا ہوں وہ پاکیزہ ہوں ۔یہی چیز ہے جس پر تمام انبیاء زور دیتے چلے آئے ہیں۔ اور اسلام نے بھی اس کی طرف باربار توجہ دلائی ہے ۔کیونکہ روحانی علوم اللہ تعالیٰ کی طرف سے دل پر نازل ہوتے ہیں۔اگر کسی شخص کا دل پاک نہ ہو تو وہ الٰہی فیضان سے محروم رہتا ہے۔
حضرت موسیٰ علیہ السلام کو جب اللہ تعالیٰ نے فرعون کی طرف جانے کا حکم دیا توانہوںنے عرض کیا کہ رَبِّ اِنِّیْ اَخَافُ اَنْ یُّکَذِّبُوْنِ۔ اے میرے رب! میں ڈرتا ہوں کہ وہ میری تکذیب نہ کریں۔اس کے یہ معنے نہیں کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام کو اس سنت قدیم کا علم نہیں تھا کہ جب بھی اللہ تعالیٰ کی طرف سے کوئی مامور مبعوث ہوتاہے تو دنیا ا س کا انکار کیا کرتی ہے بلکہ ان کا خوف اس وجہ سے تھا کہ وہ جانتے تھے کہ تمام قومیں اپنے اپنے زمانہ میں انبیاء کا انکار کرنے کی وجہ سے ہلاک ہوچکی ہیں ۔پس ان کے دل میں ڈر پیدا ہوا کہ اگر ان لوگوں نے بھی انکار کیا تو یہ بھی خدائی گرفت میں آجائیں گے ۔اور یہ چیز ایسی ہے جو انبیا ء کے لئے سخت دکھ کا موجب ہوتی ہے پس انہوں نے فرعون کی طاقت اورا س کے مظالم پر نظر دوڑاتے ہوئے اس امکانی خطرہ کا اظہار کیا کہ وہ اپنے تکبر اور سرکشی کی وجہ سے تکذیب پر کمر بستہ ہو جائیگا اوراپنے اس تلخ انجام کو اپنے قریب کردے گا جو ہمیشہ سے منکرین انبیاء کا ہوتا چلاآیا ہے ۔ چنانچہ آیت کا اگلا ٹکڑا ان معنوں کی تائید کرتاہے ۔ وہ فرماتے ہیں وَیَضِیْقُ صَدْرِیْ۔ اے میرے رب! میرا سینہ تنگی محسوس کرتاہے ۔ یعنی ان کے ہدایت کو ردّکردینے کے خیال سے میری یکہ کیفیت ہے کہ میراسینہ تنگ ہورہاہے اورمیرادم گھٹ رہاہے ۔ان الفاظ میں اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ علیہ السلام کی اس محبت کی طرف اشار ہ فرمایاہے جوانہیں اپنی قوم سے تھی اوربتایاہے کہ ان کاسینہ اپنی قوم کے کفراورفسق کاتصور کرکے تنگی محسوس کرتاتھا اوروہ نہیں چاہتے تھے کہ ان کی قوم الٰہی پیغام کا انکار کرکے اس عذاب کی مستحق ہو ۔ مگر اس بارہ میں محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کوحضرت موسیٰ علیہ السلام پر ایک بہت بڑی فضیلت حاصل ہے ۔حضرت موسیٰ علیہ السلام نے تویہ کہاہے کہ رَبِّ اِنِّیْ اَخَافُ اَنْ یُّکَذِّبُوْنِ۔۔اے میرے رب !میں ڈرتاہوں کہ وہ کہیں میری تکذیب نہ کردیں ۔مگرمحمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق اللہ تعالیٰ فرماتاہے قَدْنَعَلَمُ اِنَّہٗ لَیْحْزُنُکَ الَّذِیْ یَقُوْلُوْنَ فَاِنَّھُمْ لَایُکَذِّبُوْنَکَ وَلٰکِنَّ الظّٰلِمِیْنَ بِاٰیٰتِ اللّٰہِ یَجْحَدُوْنَ(انعام ع ۴) یعنی ہم جانتے ہیں کہ جوکچھ یہ مخالف لوگ کہتے ہیں ۔اس سے تجھے بڑاسخت غم پہنچتاہے کیونکہ یہ تجھ کو نہیں جھٹلاتے بلکہ اللہ تعالیٰ کی آیات کاانکار کرتے ہیں ۔اس آیت میں بتایاگیاہے کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کویہ فکر نہیں تھا کہ قوم ان کی تکذیب کررہی ہے بلکہ آپ اگر غمزدہ تھے تواس لئے کہ قوم خداتعالیٰ کی آیات کاانکار کررہی ہے ۔گویا آپ کاغم اپنی ذات کے لئے نہیں تھا ۔بلکہ آپ کاغم محض ا سوجہ سے تھا کہ قوم خداتعالیٰ کو ردّکررہی ہے اورہرشخص سمجھ سکتاہے کہ ان دونوں نظریوں میں کتنا بڑافرق ہے ۔حضرت موسیٰ علیہ السلام کو تویہ ڈر تھاکہ قوم میری تکذیت کرے گی اورمحمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اس بات کا غم تھا کہ قوم خداکاانکار کررہی ہے ۔
پھر حضرت موسیٰ علیہ السلام کو تواپنی قوم سے صرف اتنی محبت تھی کہ اپنی قوم کے کفر کودیکھ کر ان کاسینہ تنگی محسوس کرتاتھا مگرمحمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کواپنی قوم کے کفرکا اتنا درد تھاکہ اصدمہ کے مارے آپ کی جان نکلی جارہی تھی ۔جیساکہ اللہ تعالیٰ نے فرمایاکہ لَعَلَّکَ باخعٌ نفسک اَلاَّیکونوامومنین یعنی ان لوگوںکے ایمان لانے اورکافررہنے کا ہمارے رسول کو اس قدر صدمہ ہے کہ گویا اس کی گردن پر تلوار رکھ کرکسی نے ایک سرے سے لے کر دوسرے سرے تک اسے کاٹ دیاہے ۔جب لوگوں کے ایمان لانے کا رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو اسقدر افسوس تھا توان کاکفرکی حالت میں مرجانا آپ پر کس قد رگراں گذرتاہوگا؟ جوشخص صرف اس بات سے ہی صدمہ محسوس کرتاہو کہ ایک شخص خداتعالیٰ پر ایمان نہی لایا اس کے دل پر اس وقت کیا گذرتی ہوگی جب اسے یہ معلو م ہوتاہوگاکہ اب کفر پر اس کاخاتمہ بھی ہوگیاہے ۔
یہ ایک عجیب بات ہے کہ دنیامیں ہمیشہ بڑی چیزوں پر چھوٹی چیزوں کو قربان کیاجاتاہے مگراللہ تعالیٰ نے ہمیشہ کمزورانسانیت پراپنے پیداکئے ہوئے قیمتی سے قیمتی جوہروں کو قربان کیا۔آدم اپنے زمانہ کا سب سے قیمتی جوہر تھا ۔مگراللہ تعالیٰ نے ان کمزورلوگوں کے لئے جنہوں نے شیطان کا ساتھ دیا آدم کی سی قیمتی جان کو قربان کرادیا۔حضر ت نوح علیہ السلام اپنے زمانہ میں سب سے قیمتی وجود تھے۔ مگراللہ تعالیٰ نے ان ازلی شقیوں اوران بدبخت وجودوں کے لئے جو ہدایت سے محرومی اختیار کرچکے تھے حضرت نوح علیہ السلام کی جان کو قربان کرادیا ۔حضر ت ابراہیم علیہ السلام اپنے زمانہ کے سب سے قیمتی وجود تھے مگر حضرت ابراہیم علیہ السلام کی جان کو کمزور اورناقص انسانوں کے بچانے کے لئے اللہ تعالیٰ نے کرب وبلامیں مبتلاکیا ۔حضرت موسیٰ علیہ السلام پنے زمانہ کے قیمتی سے قیمتی وجود تھے مگر وہ بنی اسرائیل جو خداکے لئے صرف اس قربانی کے مالک تھے کہ انہوںنے کہہ دیا فَاذْھَبْ اَنْتَ وَرَبُّکَ فَقَاتِلَا اِنّاَ ھٰھُنَاقَاعِدُوْنَ(مائدہ آیت ۲۵) اے موسیٰ تواورتیرارب دونوں جائو اور ان سے جنگ کرو۔ہم توبہرحال اسی جگہ بیٹھے رہیں گے۔اس بزدل اورنشانات سے آنکھیں بندکرلینے والی قوم کے لئے خداتعالیٰ نے حضرت موسیٰ علیہ السلام کی سی قیمتی جان کو قربان کرادیا۔حضرت عیسیٰ علیہ السلام اپنے زمانہ کے قیمتی ترین وجودوں می سے تھے لیکن اللہ تعالیٰ نے ان لوگوں کے لئے جن کے متعلق حضرت مسیح علیہ السلام خود کہتے ہیں کہ وہ سانپ اورسانپوں کے بچے ہیں (متی باب ۲۳آیت ۲۳)ان کی زندگی کو بھینٹ چڑھادیا۔پھر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے زیادہ پاک اوراعلیٰ وجود اس دنیا میں کون آیا کہ جسکے متعلق ایک حدیث قدسی میں اللہ تعالیٰ نے بھی فرمایاکہ لَوْ لَاکَ لَمَا خَلَقْتُ الْاَفْلَاکَ (فوائدالمجموعہ مصنفہ علامہ شوکافی ص ۱۱۶)اے محمد !(صلی اللہ علیہ وسلم ) اگر تجھے پیدانہ کرنا ہوتاتومیں زمین وآسمان کو بھی پیدانہ کرتا مگر وہ وجود جس کی خاطربنی نوع انسان پیداکئے گئے ۔ابوجہل ،عتبہ اورشیبہ کی ہدایت اوربھلائی کے لئے اس کو ایک ایسی صلیب پر لٹکادیا جولوگوں کو تو نظرنہیں آئی مگرخداتعالیٰ جس کی نظر میں ہر عیب بھی ظاہر ہے وہ اس صلیب کے متعلق فرماتاہے لَعَلَّکَ باخعٌ نفسک اَلاَّیکونوامومنین اے محمد رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وسلم )شایدکہ غم کی چھری تجھ کو ذبح کرتے کرتے تیری گردن کے آخری تسموںکوبھی کاٹ دے گی اس وجہ سے کہ یہ لوگ ایمان کیوں نہیں لاتے ۔
غرض جہاں تک قربانی اورمحبت کاسوال ہے دنیا کے ہرنبی نے اپنی قوم کے لئے قربانیاں کیں۔اورہرنبی اپنی قوم کے کفر اورنفاق کو دیکھ دیکھ کر پریشان حال رہا ۔مگر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اورپہلے انبیاء میں یہ فرق ہے کہ پہلے انبیاء کے سینے میں تواپنی قوم کا کفردیکھ کرصرف تنگی محسوس ہوتی تھی مگر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کوان کاکفردیکھ کر ایساغم ہوتاتھا کہ قریب تھا کہ آپ اس غم کی وجہ سے اپنے آپ کو ہلا ک کرلیتے ۔
پھر حضرت موسیٰ علیہ السلام نے تویہ کہاکہ رَبِّ اِنِّیْ اَخَافُ اَنْ یُّکَذِّبُوْنِ۔ مگر جب رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کوحکم ملاکہ جااوردنیا کو خداتعالیٰ کا پیغام پہنچا توآپ نے فوراً اپنی بیوی کو خبر دی اورپھر بعد میں اپنی ساری قوم کو خبر دی اوریہ نہیں کہا کہ قوم میری تکذیب کرے گی بلکہ آپ نے دلیری سے خداتعالیٰ کے حکم پر لبیک کہااورکسی ڈراورخوف کا اظہار نہیں کیا ۔یہ امربتاتاہے کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام سے محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا درجہ بہت بلند تھا ۔
اس کے بعد حضرت موسیٰ علیہ السلام نے ایک اوربات کی اورفرمایا لَایَنْطَلِقُ لِسَانِ اے میرے رب ! میری تو زبان ہی نہیں چلتی ۔مگرخداتعالیٰ کی شان دیکھو کہ وہی موسیٰ جنہیں یہ خوف تھاکہ میں فرعون کے دربا رمیں کس طرح بات کرسکوں گا اورجنہوں نے حضرت ہارو ن علیہ السلام کی یہ خوبی بیان کی تھی کہ ھُوَ اَفْصَحُ مِنِّی لِسَانًا (قصص آیت ۳۵) وہ بات کرنے میں مجھ سے بہت زیادہ فصیح ہیں جب فرعون کے سامنے جاتے ہیں توحضرت ہارون کو ایک فقرہ بھی بولنے نہیں دیتے ۔اورخود ہی اس کے اتمام سوالات کے جواب دیتے چلے جاتے ہیں ۔ اَفْصَحُ مِنِّی لِسَانًا کے الفاظ بتارہے ہیں کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام یقینا فصیح البیان تھے اوران کی زبان میں جیساکہ پرانے مفسرین خیال کرتے ہیں کوئی خلقی نقص نہیں تھا صرف اتنی بات ضرور ہے کہ وہ اپنے آپ کو فصاحت بیان میں حضرت ہارون علیہ السلام سے کم درجہ پر سمجھتے تھے ۔مگرجب اللہ تعالیٰ نے رسالت کا کام آپ کے سپر د کیا اورفرعون ک دربار میں آپ تشریف لے گئے ۔تووہاںآ پ کی فصاحت اورآ پ کے دلائل کی مضبوطی کی ایسی دھاک بیٹھی کہ فرعون جھنجلااٹھا اوراس نے سمجھا کہ اب مقابلہ کے لئے کوئی اجتماعی پروگرام مرتب کرنا چاہیئے ورنہ یہ لوگوں کو برگشتہ کردے گا ۔
ہم نے اپنی جماعت میں بھی دیکھا ہے کہ جب کو ئی شخص ا س اخلاص کے ساتھ احمدی ہوتاہے توباوجود اس کے کہ وہ ان پڑھ اورجاہل ہوتاہے احمدی ہوتے ہی اس کی زبان اس طرح کھل جاتی ہے کہ ابڑے بڑے مولوی اس کے ساتھ بات کرنے سے گھبرانے اورکترانے لگ جاتے ہیں ۔اس کی عقل پہلے سے تیز ہوجاتی ہے اوراس کی بحث کرنے کی قابلیت غیر معمولی طور پر بڑھ جاتی ہے جس سے صاف پتہ لگتاہے کہ ان کا علم اپنانہیں بلکہ خداتعالیٰ کا عطاکیاہواہوتاہے جو ہرموقعہ پر ان کی تائید کرتا اورانہیںوقت پرایسی ایسی باتیں سمجھادیتاہے کہ حیرت آتی ہے ۔قادیان میں ایک شخص ’’پیرا‘‘ہواکرتاتھا جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا خادم تھا وہ اتنی موٹی عقل کاآدمی تھا کہ سمجھ ہی نہیں سکتاتھاکہ احمدیت کیاہے ۔لیکن اسے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰ ۃ والسلام کے ساتھ ایک ذاتی لگائو تھا ۔کہیں اس کو گنٹھیا کی بیماری ہوگئی ۔و ہ پہاڑی آدمی تھا اس کے رشتہ داروں کو بعض لوگوں نے کہا کہ یہاں ا س کاعلاج نہیں ہوسکے گا اسے کہیں میدانوں میں لے جائو ۔چنانچہ وہ اسے گورداسپورلے آئے ۔مگرچونکہ وہ سب غریب آدمی تھے اورایسے لوگوںکو روٹی بھی کھلانی پڑتی ہے اوردوائی بھی دینی پڑتی ہے اس لئے کوئی شخص علاج کرنے کے لئے تیارنہی ہوتاتھا۔آخر کسی نے ان کو بتایاکہ قادیان میں ایک مرزاصاحب ہیں جو بڑے خداپرست ہیں ۔وہ معالج اورحکیم بھی ہیں انکے پاس لے جائو وہ اس کی خبر گیری بھی کریں گے اوردوابھی دیں گے ۔چنانچہ اسکے رشتے دار اسے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے اپاس لے آئے اوراسے وہاں چھوڑ کر کھسک گئے ۔ حضر ت مسیح موعود علیہ السلام نے اس کا علاج کیا اورآہستہ آہستہ اسے آرام آناشروع ہوگیا ۔جب اس کے رشتہ داروں کو معلوم ہواکہ اب وہ اچھا ہوگیاہے اورکام کاج کرسکتاہے۔ تودوسری سردیوں میں پھر اس کے رشتہ دار آئے اورانہوں نے کوشش کی کہ وہ ان کے ساتھ چل پڑے ۔مگرمعلوم ہوتاہے کہ اسکے قلب میں نیکی تھی ۔جب انہوں نے اسے کہا کہ ہم تجھے لینے کے لئے آئے ہیں توکہنے لگا۔تم بے شک میرے رشتہ دارہو مگر تم مجھے چھوڑ کرچلے گئے تھے ۔اس لئے اب توجس نے میراعلاج کیا اورجس کی وجہ سے میں اچھا ہوا۔میرارشتہ دار وہی ہے میں اسے چھوڑ کرنہیں جاسکتا۔وہ ڈیوڑھی پر پڑارہتاتھا اورجومہمان آتاتھا اس کی خدمت کرتاتھا۔اسی طرح گھرکامعمولی کام کاج بھی کردیاکرتاتھا ۔اس کی عقل کایہ حال تھاکہ حضرت خلیفہ اول رضی اللہ عنہ اسے بڑامجبور کیاکرتے تھے کہ وہ نماز پڑھے مگر وہ یہی جواب دیتاتھاکہ مجھے نماز نہیں آتی ۔حضرت خلیفہ اول رضی اللہ عنہ کو بڑاجوش تھا کہ یہ حضرت مسیح موعودؑ کے دروازے پر بیٹھارہتاہے اورنمازیں نہیں پڑھتا لوگ اسے دیکھیںگے تو اعتراض کریں گے اسلئے آپ اسے بار بار نماز پڑھنے کی نصیحت کرتے تھے مگر وہ جواب دیتا مجھے نماز یاد ہی نہیں ہوتی ۔آخر حضرت خلیفہ اول رضی اللہ عنہ نے تنگ آکر اسے فرمایا کہ نماز نہیں آتی توسبحان اللہ سبحان اللہ ہی کہہ لیا کرو۔چنانچہ اسکے بعد وہ کبھی ساتویں آٹھویں دن نماز میں شامل ہوجاتاتھا ۔اورسبحان اللہ سبحان اللہ کہتا رہتاتھا۔حضرت خلیفہ اول رضی اللہ عنہ نے ایک دن اس خیال سے کہ شاید انعام کے لالچ سے اسے نماز پڑھنے کی عادت ہوجائے ۔اسے فرمایا ۔پیرے اگرتم ایک دن پانچوں نمازیں وقت پر پڑھو اورایک نماز کابھی ناغہ نہ کرو۔تومیں تمہیں دوروپے انعام دوں گا دوروپے اس زمانہ میں اسکے لئے بڑابھاری انعام تھا ۔وہ کہنے لگا۔آج ضرور میں پانچوں نمازیں پڑھوں گا ۔شاید عشاء کاوقت تھا جب اس نے نماز شروع کی صبح ہوئی توپھر بھی اس نے ہمت کرکے نماز پڑ ھ لی ۔ظہر اورعصرمیں بھی کسی نہ کسی طرح شامل ہوگیا ۔ صرف مغرب کی نماز رہتی تھی ۔ان دنوں چونکہ مہمان تھوڑے ہواکرتے تھے اس لئے ان کا کھاناہمارے گھر تیارہواکرتاتھا ۔اورمغرب کے وقت ان کاکھاناگھرسے جایاکرتاتھا ۔اتفاق ایساہواکہ اس دن مغرب کی نماز نسبتاً دیر سے ہوئی ۔اورکھانالے جانے کا وقت ہوگیا۔جوعورت اند رسے کھانا لایاکرتی تھی اس نے پیرے کو آواز دی کہ پیرے کھاناتیارہے۔مہمانوںکے لئے لے جائو ۔ مگرپیرامسجد میں تھا ۔اوراس وقت نماز ہورہی تھی۔لیکن بلانے والی عورت کو اس کاعلم نہ تھا ۔اس نے دوچار آوازیں دیں مگرپیراوہاں ہوتا تو جواب دیتا ۔آخراس نے زورسے آواز دی کہ پیریاکھانالے جانہیں تومیں تیری شکایت کروں گی ۔یہ آواز چونکہ اس نے زور سے دی تھی ۔اس لئے پیرے نے بھی سن لی ۔جس پر اس نے نماز میں ہی جواب دیاکہ ’’ ٹھہرجا:التحیات پڑھ لواںتے آنداں۔‘‘یعنی ٹھہرجائو۔ابھی تشہّد پڑھ کرآتاہوں ۔گویا عین آخری تشہد میں و ہ بول پڑا اوراس طرح اس نے اپنے دوروپے کھودیئے۔تووہ بہت ہی موٹی عقل کا آدمی تھا ۔اتنی موٹی عقل کہ وہ اپنی بیوقوفی کیوجہ سے مہمانوں کو خوش کرنے کے لئے دال میں مٹی کاتیل ڈال کر کھالیا کرتاتھا اورجب لوگ کہتے کہ تم مٹی کا تیل کیوں ڈالتے ہو ۔توکہتا۔اس میں کیاحرج ہے ۔سرسوں کاتیل نہ ڈالاتو مٹی کا تیل ڈال لیا ۔اس وقت قادیان میں نہ تا رگھر تھا ۔اورنہ ریل آیاکرتی تھی۔اس لئے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو کبھی تاردینے کی ضرورت پیش آتی یاکوئی ریلوے پارسل منگوانا ہوتا توآپ بٹالے کسی آدمی کو بھجوادیاکرتے تھے اورکبھی کبھی پیرے کو بھی اس غرض کے لئے بھیج دیتے تھے ۔ان دنوں مولوی محمدحسین صاحب بٹالوی جو سلسلہ احمدیہ کے اشد ترین مخالفوں میں سے تھے اسٹیشن پرجایاکرتے تھے اورجب کسی نوواردمسلمان کو اترتے دیکھتے تواسے پوچھتے کہ وہ کہاں جاناچاہتاہے اورجب کسی کے متعلق معلوم ہوتا کہ وہ قادیان جاناچاہتاہے تواسے ورغلانے کی کوشش کرتے اورکہتے کہ یہیں سے واپس چلے جائو ۔قادیان میں جاکر تمہاراایمان خراب ہوجائے گا ۔ایک دن انہیں اورکوئی شکار نہ ملاتو انہوں نے پیرے کو ہی پکڑ لیا ۔وہ اس دن کوئی تاردینے یا کوئی بلٹی لینے کے لئے بٹالے گیاہواتھا ۔مولوی محمد حسین صاحب اسے کہنے لگے۔پیرے تیراتوایمان خراب ہوگیاہے ۔مرزاصاحب کافر اوردجال ہیں تواپنی عاقبت ان کے پیچھے لگ کر کیوں خراب کرتاہے ۔پیراان کی باتیں سنتا رہا ۔جب وہ اپنا جوش نکال چکے توانہوں نے اپنی باتوں کی پیرے سے بھی تصدیق کروانی چاہی اورانہوں نے اس سے پوچھا کہ بتائو میری باتیں کیسی ہیں ۔پیراکہنے لگا ۔مولوی صاحب ۔ میں توان پڑ ھ اورجاہل ہوں ۔مجھے نہ کوئی علم ہے اورنہ میں مسئلے سمجھ سکتاہوں ۔لیکن ایک بات ہے جو میں بھی سمجھ سکتاہوں اوروہ یہ کہ میں سالہاسال سے بلٹیاں لینے اورتار دینے کے لئے یہاں آتاہوں اورمیں دیکھتاہوں کہ آپ ہمیشہ اسٹیشن پرآکر لوگوں کو قادیان جانے سے منع کرتے ہیں۔آپ کی اب تک شایداس کوشش میں کتنی ہی جوتیاں گھِس گئی ہوں گی ۔مگرپھر بھی آپ کی کوئی نہیں سنتا ۔ اورمرزاصاحب قادیان میں بیٹھے ہیں پھر بھی لوگ ان کی طرف کھچے چلے جاتے ہیں۔آخر کوئی بات توہے جس کی وجہ سے یہ فررق ہے ۔اب دیکھو یہ کیسالطیف اورصحیح جواب ہے۔ وہ فی الحقیقت دینی مسائل کونہیں سمجھ سکتا تھا اوروہ نہیں جانتا تھا کہ دلائل کیا ہوتے ہیں ۔مگر فطرت کے لگائو اورمحبت کی وجہ سے اس نے فوراً سمجھ لیاکہ یہ شخص بہر حال جھوٹ بول رہاہے ۔تواللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو بعض دفعہ ایسی باتیں سمجھا دیتاہے کہ انسان کی عقل دنگ ہوجاتی ہے کیونکہ اس کے پاس سارے سامان ہیں ۔اورجس چیز کی کمی ہووہ اس کے پاس موجود ہوتی ہے ۔عقل کی کمی ہوتووہ اس کے پاس موجود ہے جرأت کی کمی ہوتووہ اس کے پاس موجود ہے سخاوت کی کمی ہوتووہ اس کے پاس موجود ہے۔صحت کی کمی ہوتووہ اس کے پاس موجود ہے ۔مال کی کمی ہوتو وہ اس کے پا س موجود ہے۔غرض ہرچیز کے خزانے اس کے پا س موجود ہیں ۔اوروہ اپنے بندوں کو ان خزانوں میں سے ایسے رنگ میں حصہ دیتاہے کہ انسان حیران ہوجاتے ہیں ۔
حضرت خلیفہ اول رضی اللہ عنہ فرماتے تھے کہ آتھم کے مباحثہ میں ہم نے جونظار ہ دیکھا اس سے پہلے توہماری عقلیں دنگ ہوگئیں اورپھر ہمارے ایمان آسمان پر پہنچ گئے ۔فرماتے تھے کہ جب عیسائی مباحثہ سے تنگ آگئے اورانہوں نے دیکھا کہ ہماراکوئی دائو نہیں چلاتوچند مسلمانوں کو اپنے ساتھ ملاکرانہوں نے ہنسی اڑانے کے لئے یہ شرارت کی کہ کچھ اندھے کچھ بہرے کچھ لولے اورکچھ لنگڑے بلائے اورانہیں مباحثہ سے پہلے ایک طرف چھپا کر بٹھا لیا ۔جب حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام تشریف لائے توجھٹ انہوں نے ان اندھوں بہروں اورلولوںلنگڑوںکونکال کر آ پ کے سامنے پیش کردیا ۔اورکہا زبانی باتوں سے جھگڑے طے نہیں ہوتے آپ کہتے ہیں میں مسیح ناصر ی کامثیل ہوں اورمسیح ناصری اندھوں کو آنکھیں دیاکرتے تے بہروں کو کان بخشاکرتے تھے اورلولوں لنگڑوں کے ہاتھ پائوں درست کردیاکرتے تھے ۔ہم نے آپ کو تکلیف سے بچانے کے لئے چند اندھے بہرے اورلولے لنگڑے اکٹھے کردیئے ہیں ۔اگر آپ فی الواقعہ مثیل مسیح ہیں تو ان کو اچھا کرکے دکھادیجئے ۔حضرت خلیفہ اول رضی اللہ عنہ فرماتے تھے کہ ہم لوگوںکے دل ان کی اس بات کو سن کر بیٹھ گئے اورگوہم سمجھتے تھے کہ یہ بات یوںہی ہے مگر اس خیال سے گھبراگئے کہ آج لوگوں کو ہنسی اورٹھٹھے کاموقعہ مل جائے گا ۔مگر جب ہم نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے چہرہ کو دیکھا توآپ کے چہرہ پر ناپسندیدگی اورگھبراہٹ کے کوئی آثار نہ تھے ۔جب وہ بات ختم کرچکے تو آپ نے فرمایا دیکھئے پاد ری صاحب میں جس مسیح کے مثیل ہونے کادعویٰ کرتاہوں اسلامی تعلیم کے مطابق وہ اس قسم کی اندھوںک بہروں اورلولوں لنگڑوںکواچھا نہیں کیاکرتاتھا مگرآپ کایہ عقیدہ ہے کہ مسیح جسمانی اندھوں جسمانی بہروں جسمانی لولوں جسمانی لنگڑوں کو اچھاکیاکرتاتھا اورآپ کی کتاب میں یہ بھی لکھا ہے کہ اگر تم میں ایک رائی برابر بھی ایمان ہو اورتم کسی پہاڑ سے کہو کہ یہاں سے وہاں چلا جائے تووہ چلاجائے گا ۱؎۔اوراگر تم بیماروں پر ہاتھ رکھو گے توو ہ اچھے ہوجائیں گے ۲؎۔پس یہ سوال مجھ سے نہیں ہوسکتا میں تووہ معجزے دکھا سکتاہوں جو میرے آقاحضرت محمد مصطفیٰ صلی
۱؎ ۔متی باب ۱۷ آت ۲۱ و لوقا باب ۱۷ آیت ۶
۲؎ ۔مرقس باب ۱۶ آیت ۱۷ ،۱۸
اللہ علیہ وسلم نے دکھائے آپ ان معجزوں کامطالبہ کریں تومیں دکھانے کے لئے تیار ہوں ۔باقی رہے اس قسم کے معجزے سو آپ کی کتاب نے بتادیاہے کہ ہر وہ عیسائی جس کے اند رایک رائی کے برابر بھی ایمان ہو ویسے ہی معجزے دکھاسکتاہے جیسے حضرت مسیح ناصری نے دکھائے ۔سوآپ نے بڑی اچھی بات کی جو ہمیں تکلیف سے بچا لیااوران اندھوں بہروں لولوں اورلنگڑوں کو اکٹھاکرلیا اب یہ اندھے بہرے لولے اورلنگڑے موجود ہیں اگرآپ میں ایک رائی کے برابر بھی ایمان موجود ہے توان کو اچھاکرکے دکھادیجئے آپ فرماتے تھے اس جواب سے پادریوں کو ایسی حیرت ہوئی کہ بڑے بڑے پادری ان لولے لنگڑوں کو کھینچ کھینچ کرالگ کرنے لگ گئے ۔تواللہ تعالیٰ اپنے مقربین کو ہرموقعہ پر عز ت بخشتا ہے ۔اوران کوایسے ایسے جواب سمجھاتاہے جن کے نتیجہ میں دشمن بالکل ہکا بکارہ جاتاہے ۔
قادیان میں ایک دفعہ پادری زویمر آیا جودنیا کامشہورترین پادری اورامریکہ کارہنے والاتھا ۔وہ وہاںکے ایک بہت بڑے تبلیغی رسالہ کا ایڈیٹربھی تھا ۔اوریوں بھی ساری دنیاکی عیسائی تبلیغی سوسائیٹیوں میں ایک نمایاں مقام رکھتاتھا ۔اس نے قادیان کابھی ذکر سناہواتھا ۔جب وہ ہندوستان میں آیا تواورمقامات کودیکھنے کے بعد وہ قادیان آیا اس کے ساتھ ایک اورپادری گارڈن نامی بھی تھا۔ ڈاکٹر خلیفہ رشید الدین صاحب مرحوم اس وقت زندہ تھے ۔انہوںنے اسے قادیان کے تمام مقامات دکھائے ۔مگرپادری آخر پادری ہوتاہے نیش زنی سے باز نہیں رہ سکتا۔ان دنوں قادیان میں ابھی ٹائون کمیٹی نہیں بنی تھی ۔اورگلیوں میں بہت گند پڑارہتاتھا۔پادری زویمر باتوں باتوں میں ہنس کرکہنے لگا ہم نے قادیان بھی دیکھ لیا اورنئے مسیح کے گائوں کی صفائی بھی دیکھ لی ۔ڈاکٹر خلیفہ رشید الدین صاحب اسے ہنس کرکہنے لگے ۔پادری صاحب ابھی پہلے مسیح کی ہی ہندوستان پر حکومت ہے اوریہ اس کی صفائی کانمونہ ہے ۔نئے مسیح کی حکومت ابھی قائم نہیں ہوئی ۔اس پر وہ بہت ہی شرمندہ اورذلیل ہوگیا ۔پھر اس نے مجھے کہلا بھیجا کہ ۔میںآپ سے ملناچاہتاہوں میری طبیعت کچھ خراب تھی۔ میں نے جواب دیاکہ پادری صاحب بتائیں کہ وہ مجھے کیوں ملناچاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا چند باتیں پوچھنا چاہتاہوں ۔مگرپہلے نہیں بتاسکتا۔خیر میں نے ان کو بلالیا ۔وہ بھی آگئے اورپادری گارڈن صاحب بھی آگئے ۔ ایک دودوست اوربھی موجودتھے۔ پادری زویمر صاحب کہنے لگے میں ایک دوسوال کرناچاہتاہوں ۔میں نے کہافرمائیے ۔ کہنے لگے اسلام کاعقیدہ تناسخ کے متعلق کیاہے ؟ آیاوہ اس مسئلہ کومانتاہے یاانکار کرتاہے ۔جونہی اس نے یہ سوال کیامعاً اللہ تعالیٰ نے میرے دل میں ڈال دیاکہ اس کا اس سوال سے منشاء یہ ہے کہ تم جومسیح موعود مسیح ناصری کابروز اوران کا مثیل کہتے ہو۔توآیا اس سے یہ مطلب ہے کہ مسیح ناصر ی کی روح ان میں آگئی ہے ۔اگر یہی مطلب ہے تو یہ تناسخ ہوا۔اورتناسخ کاعقید ہ قرآن کریم کے خلاف ہے چنانچہ میں نے انہیں ہنس کر کہا ۔پادر ی صاحب آپ کوغلطی لگ گئی ہے ہم یہ نہیں سمجھتے کہ مرزاصاحب میں مسیح ناصری کی روح آگئی ہے بلکہ ہم ان معنوں میں آپ کو مسیح ناصری کامثیل کہتے ہیں کہ آپ مسیح ناصری کے اخلاق اورروحانیت کے رنگ میں رنگین ہوکر آئے ہیں ۔میں نے جب یہ جواب دیا تواس کارنگ فق ہوگیااورکہنے لگاکہ آپ کو کس نے بتایا کہ میں نے یہ سوال کرناتھا ۔میں نے کہا آپ یہ بتائی کہ آیا آپ کااس سوال سے یہی منشاء تھا یا نہیں؟ کہنے لگا۔ہاں میرامنشاء تویہی دریافت کرناتھا ۔میں حیران تھا کہ جب قرآن تناسخ کے خلاف ہے تواحمدی مرزاصاحب کو مسیح موعود کس طرح کہہ سکتے ہیں ۔پھر میں نے کہا اچھا آپ دوسراسوال پیش کریں ۔کہنے لگا۔میرادوسراسوال یہ ہے کہ نبی کی بعثت کیسے مقام پر ہونی چاہیئے یعنی اس کو اپنا کام سرانجا م دینے کے لئے کس قسم کامقام چاہیئے ۔جونہی اس نے یہ دوسراسوال کیا ۔معاً دوبارہ خدانے میرے دل میں یہ بات ڈال دی کہ اس سوال سے اس کامنشاء یہ ہے کہ قادیان ایک چھوٹاساگائوں ہے یہ دنیاکامرکز کیسے بن سکتاہے ۔اوراس چھوٹے سے مقام سے ساری دنیا میں تبلیغ کس طرح کی جاسکتی ہے ۔اگر حضرت مرزاصاحب کی بعثت کامقصدساری دنیا میں اسلام کی تبلیغ پہنچانا ہے توآپ کو ایسی جگہ بھیجنا چاہیئے تھا جہاں ساری دنیامیں آواز پہنچ سکتی ہو ۔نہ یہ کہ قادیان جو ایک چھوٹاساگائوں ہے اس میں آپ کو بھیج دیاجاتا۔غرض اللہ تعالیٰ انے اس کے سوال کے معاً بعد یہ بات میرے دل میں ڈال دی اورمیں نے پھر اسے مسکراکر کہا۔پادری صاحب ناصرہ یا ناصرہ سے بڑاکوئی شہر ہو وہاں نبی آسکتاہے ۔حضرت مسیح ناصری جس گائوں میں ظاہرہوتے تھے اس کانام ناصر ہ تھا اورناصر ہ کی آبادی بمشکل دس بارہ گھروں پر مشتمل تھی۔ میرے اس جواب پر پھراس کارنگ فق ہوگیا ۔اوروہ حیران ہواکہ میں نے اس کی اسی بات کا جواب دیدیا جو درحقیقت اس کے سوال کے پس پردہ تھی ۔اس ک بعد اس نے تیسراسوال کیا جو اس وقت مجھے یاد نہیں رہا۔بہرحال اس نے تین سوال کئے اورتینوں سوالات کے متعلق قبل از وقت اللہ تعالیٰ نے القاء کرکے مجھے بتادیاکہ اس کا ان سوالات سے اصل منشاء کیاہے اورباوجود اس کے کہ وہ چکر دے کر پہلے اورسوال کرتاتھا پھر بھی اللہ تعالیٰ اس کااصل منشاء مجھ پرظاہر کردیتا ۔اوروہ بالکل لاجواب ہوگیا تواللہ تعالیٰ قلوب پر عجیب رنگ میں تصرف کرتا اوراس تصرف کے ماتحت اپنے بندوں کی مدد کیا کرتاہے ۔اوریہ تصرف صرف خداتعالیٰ کے اختیار میں ہوتاہے بندوں کلے اختیارمیں نہیں ہوتا۔ایک دفعہ ایک کج بحث ملا مجھے مسجد میں ملا ۔اورکہنے لگامجھے مرزاصاحب کی صداقت کا ثبوت دیجئے۔ میں نے کہا قرآن موجود ہے ساراقرآن مرزاصاحب کی صداقت کاثبوت ہے ۔کہنے لگا کونسی آیت ۔میں نے کہا قرآ ن کی ہر آیت مرزاصاحب کی صداقت کاثبوت ہے ۔اب یہ توصحیح ہے کہ قرآن کی ہرآیت ہی کسی نہ کسی رنگ میں نبی پر چسپاں ہوسکتی ہے ۔مگر بعض آیات ایسی ہیں کہ ان کاسمجھا نا اوریہ بتاناکہ کس رنگ میں اس سے نبی کی صداقت کاثبوت نکلتاہے بہت مشکل ہوتاہے ۔فرض کرو کسی آیت میں لڑائی کاواقعہ بیا ن ہو توگواب اس سے بھی نبی کی صداقت ثابت کی جاسکتی ہے مگروہ ایسارنگ ہوتاہے جوعام طبائع کی سمجھ سے بالاہوتاہے۔مگر مجھے اس وقت یقین تھا کہ اللہ تعالیٰ تصرف فرماکر اس کی زبان سے وہی آیت نکلوائے گا جس سے نہایت وضاحت کے ساتھ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی صداقت ثابت ہوجائے گی۔ خیر وہ اصرا رکرتارہا کہ آپ کوئی آیت بتائیں ۔مگر میں یہ کہوں کہ آپ کوئی آیت پڑھ دیں ۔اسی سے میں حضرت مرزاصاحبؑ کی صداقت ثابت کردوں گا ۔آخر اس نے یہ آیت پڑھی کہ وَمِنَ النَّاسِ مَنْ یَّقُوْلُ اٰمَنَّا بِاللہِ وَبِالْیَوْمِ الْاٰخِرِ وَمَاھُمْ بِمُؤْمِنِیْنَ(بقرہ آیت ۹)میں نے سمجھ لیاکہ یہ اللہ تعالیٰ کاہی تصرف ہے کہ اس نے اس کی زبان سے یہ آیت نکلوائی ہے چنانچہ میں نے اس سے کہا ۔یہ آیت کن لوگوں کے متعلق ہے۔ مسلمانوں کے متعلق ہے یاغیر مسلمانوں کے متعلق ۔اس کا اصل سوال یہ تھا کہ جب مسلمان نمازیں پڑھتے ہیں اورروزے رکھتے ہیں حج کرتے ہیں اورخدااوراس کے رسول پر ایمان لاتے ہیں توان کے لئے کسی نبی کی کیا ضرورت ہے ۔جب اس نے یہ آیت پڑھی تومیں نے اس سے پوچھا کہ یہ آیت کن لوگوں کے متعلق ہے ۔اس نے کہا ۔مسلمانوں کے متعلق ۔میں نے کہاتوپھریہ آیت بتاتی ہے کہ مسلمانوں میں سے بھی بعض لوگ خراب ہوجاتے ہیں ۔وہ منہ سے توکہتے ہیں ہم مومن ہیں مگر درحقیقت وہ مومن نہیں ہوتے ۔اورقرآن یہ بتاتاہے کہ خالی اپنے آپ کو مومن کہہ دینا کافی نہیں جب تک انسان اپنے عمل سے بھی ایمان کاثبوت نہ دے ۔اب آپ ہی بتائیں کہ جب مسلمان بھی بگڑ سکتے ہیں توکیا خداتعالیٰ ان کی اصلاح کے لئے کسی نبی کو بھیجے گایانہیں بھیجے گا؟دلوں کوتسلی دینا تو خداکاکام ہے مگر اس کی زبان بندہوگئی اوروہ اس بات کاکوئی جواب نہ دے سکااوراس بات کامیرے دل میں پہلے ہی یقین تھا کہ جو آیت اس کے منہ سے نکلے گی وہ وہی ہوگی جس سے اس کی زبان بند ہوجائے گی توعلم بھی خداکے اختیار میں ہے ۔جرأت بھی خداکے اختیار میں ہے ۔عزت بھی خداکے اختیار میں ہے اورطاقت بھی خداکے اختیا رمیں ہے ۔حضرت موسیٰ علیہ السلام نے یہ خیال کیا کہ میں فرعون کے دربار میں کہاں بول سکوں گا ۔مگر جب وقت آیاتواللہ تعالیٰ نے آپ کی ایسی تائید فرمائی کہ فرعون دنگ رہ گیا اوراسے دلائل کے میدان میں موسیٰ علیہ السلام کے سامنے اپنے ہتھیار ڈال دینے پڑے ۔
اس موقعہ پر حضرت موسیٰ علیہ السلام نے یہ جوفرمایاکہ فَاَرْسَلْ اِلیٰ ھَارونَ تُواپنا پیغام ہارون کی طرف بھیج۔اس سے یہ مراد نہیںکہ تومجھے مبعوث نہ کر بلکہ جیساکہ سورئہ طٰہٰ سے معلوم ہوتاہے ۔انہوں نے یہ دعاکی تھی کہ وَاجْعَلْ لِّیْ وَزِیْرًامِّنْ اَھْلِیْ ھَارونَ اَخِیْ اشْدُدْبِہٖ اَزْرِیْ وَاَشْرِکْہُ فِیْٓ اَمْرِیْ (طٰہٰ آیت ۳۰تا۳۳)یعنی اے میرے خدا! میرے اہل میں سے ہاورن کو جو میرابھائی ہے میرانائب تجویز کراوراس کے ذریعہ سے میری طاقت کو مضبوط فرما اوراسے میرے کام میں شریک کر ۔پس اَرْسِلْ اِلیٰ ھَارونَ کے یہ معنے ہیں کہ میرے علاوہ اس کی طرف بھی کلام بھیج اوراسے بھی میرے ساتھ مبعوث فرما۔اصل بات یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے جب کسی مقدس انسان کو نبوت کا مقام عطاکیاجاتاہے تووہ انکسار کی وجہ سے گھبراتاہے اورخیال کرتاہے کہ ایسانہ ہومیں اس عظیم الشان ذمہ واری کو پوری طرح ادانہ کرسکوں ۔اوراس میں میری طرف سے کوئی خامی اورنقص رہ جائے ۔یہی طریق تما م انبیاء کاہے اوراسی طریق سے حضرت موسیٰ علیہ السلام نے بھی کام لیااورکہدیاکہ ہارونؔ کو بھی میرے ساتھ شامل کردیجئے۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق بھی احادیث سے ثابت ہے کہ آپؐ نے ابتداء میں انکسار سے کام لیا اور جب فرشتے نے کہا اِقْرَئْ یعنی پڑھ۔توآپؐ نے یہی فرمایا کہ مَااَنَا بِقَارِیئِ۔ میں توپڑھے لکھے آدمیوں میں سے نہیں ہوں۔اس وجہ سے میں نے کیاکام کرناہے ۔اوراسی بناء پر ابتدائی ایام میں آپ کو شدید گھبراہٹ رہی ۔یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ کی متواتر تائیدات نے آپ کوایسے مقام پر کھڑاکردیا کہ آپؐ نے سمجھ لیا اب میرافرض ہے کہ میں آگے کی طرف بڑھتاچلاجائوںاورکسی مشکل کی پرواہ نہ کروں مگرآپ کاعرفان چونکہ موسوی عرفان سے بہت زیادہ تھا اس لئے آپ نے یہ نہیںکہاکہ مجھے کوئی مددگار دیاجائے ۔بلکہ آپؐ کے لئے ہی ا س بوجھ کواٹھانے کے لئے تیار ہوگئے ۔حالانکہ آپ کے سپر دجوکام تھا وہ موسیٰ کے کام سے بہت بڑاتھا ۔حضرت موسیٰ علیہ السلام ایک ایسی قوم کی طرف مبعوث ہوئے تھے جومتمدن تھی اورمتمدن لوگوں کودینی علوم سکھانا۔ان میں نظام قائم کرنا اوران کے اند رجماعتی روح پیداکرنا نسبتاً آسان ہوتاہے مگررسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم ایک ایسی قوم کی طرف آئے تھے جوتمدن اورتہذیب سے بالکل ناآشنا تھی۔ یہاں تک کہ اطاعت جو دنیامیں مہذب قومو ں کاشعارسمجھا جاتاہے وہ ان کے نزدیک سخت ذلت کی بات تھی چنانچہ عرب کی ادب کی کتب میں لکھا ہے کہ عرب میں ایک بادشاہ عمروابن ہند تھا ۔اس نے ایک علاقہ پر جو شام اورعراق کی طر ف تھا اپنی حکومت قائم کی ۔اورعرب کے لحاظ سے اس قدر شوکت حاصل کرلی کہ اسے یہ خیال پیداہواکہ ساراعرب میری بات مانتاہے ۔ ایک دن درباریوں سے ا س نے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ کیاعرب میں کوئی ایساشخص ہے جو میری بات ماننے سے انکار کرسکے ۔ و ہ اس بات کوخوب سمجھتا تھا کہ عرب کے لوگ اطاعت کرنانہیں جانتے ۔مگراس نے خیال کیاکہ مجھے ایسارعب حاصل ہوگیاہے کہ اب عرب کاکوئی شخص کم از کم میری بات ماننے سے انکار نہیں کرسکتا ۔انہوں نے کہا ۔ایک شخص عمر و ابن کلثوم ہے ۔جو اپنے قبیلے کاسردار ہے ۔ہمارے خیا ل میں وہ ایساشخص ہے جو آپ کی اطاعت نہیں کرے گا ۔اس نے کہا ۔بہت اچھا میں اس کی تصدیق کرنے کے لئے اسے بلواتاہوں ۔چنانچہ بادشاہ نے عمر وابن کلثوم کو دعوت دی اوراسے خط لکھاکہ آپ یہا ں تشریف لائیں آپ سے ملنے کو جی چاہتاہے ۔چنانچہ وہ اپنے قبیلہ کے کچھ لوگوںکو لے کر آگیا ۔جیسے عرب کادستورتھا بادشاہ اس وقت کسی جگہ خیموں میں ٹھہراہواتھا۔ وہیں اس نے آکر اپنے خیمے لگادیئے ۔اس نے عمروابن کلثوم کو یہ بھی لکھا تھا کہ اپنی والدہ اوردوسرے عزیزوں کو بھی لیتے آنا ۔چنانچہ وہ اس کے مطابق اپنی والدہ کوبھی لے آیا ۔ عمروابن ہندنے اپنی والدہ سے کہا کہ کام کرتے کرتے عمر و ابن کلثوم کی ماں سے کوئی چھوٹاساکام لے کردیکھنا تاپتہ لگ سکے کہ ان لوگوں کی کیاحالت ہے ۔چنانچہ جب وہ کھاناکھانے بیٹھے تو عرب کے دستورکے مطابق گووہ بادشاہ کہلاتاتھا مگر اس کی ماں خود کھانا تقسیم کرنے بیٹھ گئی ۔اپنے بیٹے کے لئے بھی اورعمروابن کلثوم کے لئے بھی ۔ گویاعمروابن ہندکی والدہ اس وقت عملاً عمروابن کلثوم اوراوراس کے دوسرے عزیزوں کاکام کررہی تھی پس ایسے وقت میں عمرو ابن کلثوم کی ماںکا کسی کام میں ہاتھ بٹانا ہرگز اس کی ہتک کاموجب نہیں ہوسکتاتھا کیونکہ جب بادشاہ کی ماں خود ایک کام کررہی تھی تواس کام میں عمر و ابن کلثوم کی ماں کا ہاتھ بٹاناکوئی ایسی بات نہیں تھی جو اس کی شان اورعزت کے منافی ہوتی ۔مگرواقعہ کیاہوتاہے ۔کھاناتقسیم کرتے وقت ایک تھال کچھ فاصلے پر پڑاتھا۔عمرو ابن ہند کی والدہ کھاناتقسیم کرتے کرتے اسے کہنے لگی ۔بی بی ذراوہ تھال توسِرکاکر ادھرکردینا ۔اسے بھی یہ جرأت نہیں ہوئی کہ اس سے زیادہ اسے کوئی کام کرنے کے لئے کہے ۔مگرتاریخوں میں لکھاہے کہ جونہی اس نے عمرو ابن کلثوم کی والدہ سے یہ بات کہی ۔وہ کھڑی ہوگئی اوراس نے زورسے پکار ناشروع کردیا کہ ’’ او ابن کلثوم ! تیری ماںکی ہتک ہوگئی ہے ‘‘ عمروابن کلثوم اس وقت بادشاہ کے ساتھ کھاناکھارہاتھا اورشاہی اعزاز کی وجہ سے وہ اپنے ہتھیار خیمہ میں ہی چھوڑ آیاتھا ۔مگرجونہی اس نے اپنی ماں کی اس آوازکوسنا۔اس نے اپنی ماں سے جاکر یہ نہیں پوچھا کہ تمہاری کیا ہتک ہوئی ہے ۔ گھبراکر کھڑاہوگیا اورادھر اُدھر دیکھنے لگ گیا ۔خیمہ میں بادشاہ کی تلوار لٹک رہی تھی ۔ا س نے اُچک کر تلوار کو میان سے نکالااور بادشاہ کو قتل کردیا۔پھر باہر نکل کراس نے اپنے قبیلہ والوں سے کہا ۔بادشاہ کا سب مال و متاع لوٹ لو ۔چنانچہ اس کا سب مال و متاع لوٹ کر وہ اپنے وطن کی طرف واپس چلا گیا۔
ایسی اُجڈاوروحشی قوم کی طر ف جو بالکل بے راہ رَو تھی رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم مبعوث فرمائے گئے۔ اورپھر موسیٰ کی طرح آپ کادائرہ ہدایت صرف بنی اسرائیل تک محدود نہیں رکھاگیا بلکہ آپ کے سپرد تمام دنیا کو دین واحد پرجمع کرنے اورانہیں خداتعالیٰ کے آستانہ پر لاڈالنے کاکام کیاگیا ۔مگراتناعظیم الشان کام سپرد ہونے کے باوجود آپ نے یہ نہیں کہا کہ اے اللہ! میرے رشتہ داروں یا دوستوں میں سے کوئی ساتھی میرے ساتھ کردے ۔بلکہ آپ حکم ملتے ہی کھڑے ہوگئے اورکہا کہ بہت اچھااورکام شروع کردیا ۔گویا حضرت موسیٰ علیہ السلام نے تو اپنی انفرادیت پر پورابھروسہ نہ کرتے ہوئے ساتھی کا مطالبہ کیا ۔اوراگرچہ ایک ساتھی مل جانے سے اجتماعیت نہیں ہوجاتی لیکن تاہم اتنی ڈھارس ضرور ہوجاتی ہے کہ میں اکیلا نہیں بلکہ میرے ساتھ ایک اورساتھی بھی ہے۔ لیکن محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی انفرادیت کے کمال کا مظاہرہ کیا اور اس بات کی کوئی پرواہ نہ کی کہ دنیا آپؐ سے کیا سلوک کرتی ہے ۔ بہرحال موسیٰ علیہ السلام نے اپنے بھائی ہارونؑ کو اپنامددگار مقررکرنے کی درخواست کی جواللہ تعالیٰ نے قبول فرمالی ۔مگر وہی موسیٰؑ جنہوں نے خداتعالیٰ کے سامنے یہ عذر کیاتھاکہ میری توزبان نہیں چلتی جب فروعون کے دربارمیں گئے ۔تواللہ تعالیٰ نے آپ کو ایسی قو ت بیانیہ عطافرمائی کہ آپ خود ہی فرعون کے تمام سوالات کے جواب دیتے چلے گئے اورحضرت ہارون علیہ السلام کو بولنے کی ضرورت ہی پیش نہ آئی۔یہ بالکل ایسی ہی بات ہے ۔جسے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات پر جب انصا راورمہاجرین میں خلافت کے متعلق اختلاف پیداہوا۔اورحضرت ابوبکرؓ اورحضرت عمر ؓ وغیر ہ ثقیفہ بنی ساعدہ میں پہنچے توحضرت عمر ؓ کہتے ہیں کہ میں نے اس موقعہ پر تقریرکرنے کے لئے اپنے ذہن میں ایک بہت بڑامضمون تیار کیا ہواتھا ۔اورمیراارادہ تھاکہ میں جاتے ہی ایسی تقریر کروں گا کہ تمام انصار میرے دلائل کے قائل ہوجائیں گے اوروہ اس بات پر مجبور ہوجائیں گے کہ انصار کی بجائے مہاجرین میں سے کسی کو خلیفہ منتخب کریں۔ مگرجب ہم وہاں پہنچے تو حضرت ابو بکرؓ نے تقریر شروع کردی ۔میں نے اپنے دل میں کہا کہ انہوںنے بھلا کیابیان کرناہے مگرخداکی قسم جتنی باتیںمیں نے سوچی ہوئی تھیں وہ سب انہوں نے بیان کردیں بلکہ ان کے علاوہ انہوں نے اپنے پاس سے بھی بہت سے دلائل دیئے ۔تب میں نے سمجھا کہ امیں ابوبکر ؓ کامقابلہ نہیں کرسکتا۔اسی طرح حضر ت موسیٰ علیہ السلام یہ سمجھتے تھے کہ مجھ سے فرعون کے دربارمیں کہاں بولاجائے گا ۔مگرجب وہاں پہنچے تواللہ تعالیٰ نے آپ کی ایسی تائید فرمائی کہ حضرت ہارون علیہ السلام کو ایک لفظ تک بولنا نہ پڑا اوراس طرح خداتعالیٰ نے اپنے انتخاب کی عظمت کو ظاہر کردیا۔اس کے بعد حضرت موسیٰ علیہ السلام نے ایک اورعذر کیا اورکہا۔کہ وَلَھُمْ عَلَیَّ ذَنْبٌ فَاَخَافُ اَنْ یَّقْتُلُوْنِ وہ لوگ مجھ پر ایک گناہ کاالزام لگاتے ہیں ۔سومیں ڈرتاہوں کہ وہ کہیں مجھے قتل ہی نہ کردیں ۔اس کے یہ معنے نہیں کہ حضر ت موسیٰ علیہ السلام خداتعالیٰ کی راہ میں اپنی جان دینے سے ڈرتے تھے بلکہ انہیں اس بات کا خوف تھاکہ کہیں ایسانہ ہو کہ فرعون مجھے جاتے ہی گرفتار کرلے اوراس وجہ سے کہ میرے ہاتھ سے ایک قطبی ماراجاچکاہے میرے قتل کے احکام صادر کردے اورخداتعالیٰ کا پیغام اسے نہ پہنچ سکے۔ گویاانہیں اپنی موت کا غم نہیں تھا بلکہ انہیں اس بات کا ڈر تھا کہ کہیں انہیں اپنے فرائض کی بجاآوری سے پہلے ہی قتل نہ کردیاجائے اوراس طرح اس مشن کو نقصان نہ پہنچے جو خداتعالیٰ نے ان کے سپرد کیا تھا ۔ورنہ انبیاء خداتعالیٰ کی راہ میں اپنی جان دینے سے نہیں ڈرتے۔ بیشک جہاں تک نبیوں کاوجود ان کی امت کے مقابلہ میں ہوتاہے وہ بہت بڑی حیثیت رکھتے ہیں ۔اتنی بڑی حیثیت کہ اگر ساری دنیا کی جانیں بھی ایک نبی کی جان بچانے کے لئے قربان کرنی پڑیں تووہ قربان کی جاسکتی ہیں ۔مگرجہاںتک صداقت کاسوال ہے نبی بھی اسی طرح صداقت کا خادم ہوتاہے جس طرح اس کاعام پیرو صداقت کاخادم ہوتاہے اگر کسی سلسلہء روحانیہ کے پہلے اورآخری نبی کے علاوہ کہ جن پر سلسلہ کا انحصارہوتاہے کوئی اورنبی ماراجاتاہے یاجلاوطن کردیاجاتاہے لیکن اس کی پیش کردہ صداقت دنیاسے نہیں مٹتی تواس کاماراجانایا وطن سے بے وطن ہوجانا ہرگزقا بل اعتراض نہیں سمجھا جاسکتا کیونکہ نبی کے مقابلہ میں صداقت حاکم ہوتی ہے او رنبی خادم۔ جس طرح نبی کے مقابلہ میں امت خادم ہوتی ہے اورنبی حاکم ۔جس طرح نبی کے مقابلہ میں اگر ساری دنیا بھی تباہ کردی جائے تو کوئی حیثیت نہیں رکھتی ۔اسی طرح اگر خداتعالیٰ کا پیغام دنیا تک پہنچ جائے توپھر بے شک نبی شہید ہوجائے ۔اس میں کوئی حرج نہیں ہوگا۔کیونکہ وہ اس غرض کے لئے آیاتھا کہ صداقت دنیا میں پھیلائے ۔پس حضرت موسیٰ علیہ السلام نے اس خدشہ کا اظہار اپنی موت کے خوف سے نہیں کیا بلکہ اس لئے کیا کہ کہیں صداقت دنیاسے مٹ نہ جائے ۔اورخداتعالیٰ کاپیغام پہنچانے سے پہلے ہی وہ اس کے ظلم واستبداد کا شکار نہ ہوجائیں ۔
وَلَھُمْ عَلَیَّ ذَنْبٌ کے الفاظ بتارہے ہیں کہ حضر ت موسیٰ علیہ السلام سے جویہ فعل سرزد ہواتھا محض ایک اتفاقی حادثہ تھا ۔جو خداتعالیٰ کی نگاہ میں آپ کومجرم بنانے والانہیں تھا۔کیونکہ ذَنْبٌ ہر ایسے فعل کو کہتے ہیں جس کانتیجہ خراب نکلے خواہ شرعی نقطہ نگاہ سے وہ انسان کو مجرم بنانے والانہ ہو (مفردا ت) مگراس سے بھی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اورحضرت موسیٰ علیہ السلام کے مقام کا فرق ظاہرہوجاتاہے ۔حضرت موسیٰ علیہ السلام پر ان کی بعثت سے پہلے ایک الزام لگایاگیاخواہ وہ جھوٹاہی تھا ۔لیکن محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو آپ کی بعثت سے پہلے بھی تمام لوگ امین اورصدوق کہتے اورآپ کی نیکی اورانصاف اوردیانتداری کے قائل تھے ۔ بہرحال یہ حادثہ چونکہ ایسا تھا جس میں فرعونی قوم کا ایک آدمی حضرت موسیٰ علیہ السلام کے ہاتھ سے ماراگیاتھااورفرعون کے وزراء نے اپ کے قتل کو قتلِ عمد کا مرتکب قرار دے کرچاہاتھاکہ آپ کو قتل کردیاجائے جس کے نتیجہ میں آ پ کومصر سے بھا گ کر مدین میں پناہ گزین رہنا پڑا اس لئے آپ نے اس فعل کو ذنب قرار دیا ۔اوراس خدشہ کااظہار فرمایاکہ ایسانہ ہو کہ وہ میرے اس فعل کی بناپر مجھے جاتے ہی گرفتارکرلیں اورمجھے قتل کردیں۔یہ واقعہ قرآن کریم میں اس طرح بیان کیاگیاہے کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام ایک دفعہ رات کے وقت شہر میں پھر رہے تھے کہ انہوںنے دوآدمیوںکو آپس میں لڑتے اوردست وگریبان ہوتے دیکھا ۔ان میں سے ایک ان کی قوم کا فرد تھا اورایک ان کی دشمن یعنی فرعونی قوم کافردتھا ۔حضرت موسیٰ علیہ السلام کو دیکھ کر ان کی قوم کے آدمی نے انہیں آواز دی اوراپنی مدد کے لئے بلایا۔حضرت موسیٰ علیہ السلام آگے بڑھے اورانہوںنے مخالف شخص کو ایک مکّامارا۔مکّایاتواسے زیادہ زور سے ماراگیایااس شخص کا دل اورجگرکمزورتھااورمکا اس کے دل اورجگرپر لگا۔بہرحال اس کانتیجہ یہ ہواکہ وہ گرگیا اوراس کی جان نکل گئی دوسرے دن و ہ صبح کے وقت پھر شہر کی گشت کے لئے نکلے ۔تواچانک کیادیکھتے ہیں کہ وہی شخص جو کل ان سے مدد مانگ رہاتھا آج پھر کسی اورسے لڑ رہاہے اورموسیٰؑ کو اپنی مددکے لئے بلارہاہے۔حضرت موسیٰ علیہ السلام نے جب دیکھا کہ کل بھی یہی شخص لڑرہاتھا اورآج بھی یہی لڑرہاہے توسمجھا کہ یہ کوئی جوشیلا آد می معلوم ہوتاہے ورنہ کیاوجہ ہے کہ ہرشخص اسی کو مارنے کے لئے اٹھ کھڑاہو۔چنانچہ آپ نے اسے کہا کہ دوسرے شخص کاقصورتوہوگا ۔مگرتم بھی بہت جوشیلے معلوم ہوتے ہو۔اس کے بعد انہوں نے چاہاکہ آگے بڑھ کر دوسرے شخص کامقابلہ کریں ۔مگراس نے سمجھا کہ چونکہ ابھی انہوں نے مجھے ڈانٹاہے اسلئے شاید یہ مجھے ہی مارنے کے لئے آگے بڑھے ہیں ۔چنانچہ اس نے بے سوچے سمجھے چلّاچلّاکر کہنا شروع کردیاکہ اے موسی! کیا تویہ چاہتاہے کہ جس طرح کل تونے ایک شخص کوماراتھا اسی طرح مجھے بھی مار دے ۔اس کے اس شورسے ارد گردکے لوگوں کو معلوم ہوگیا کہ کل جو آدمی ماراگیاہے و ہ موسیٰؑ نے ہی ماراتھا ۔اورچونکہ مقتول فرعونی قوم کاآدمی تھا ۔اس لئے یہ خبر شہر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اورتمام قوم میں ایک جوش پیداہوگیا ۔یہاں تک کہ یہ خبر ذمہ دار افسروں تک پہنچ گئی اورانہوں نے متفقہ طورپر فیصلہ کیاکہ موسیٰؑ کو قتل کردیاجائے ۔اس پر انہی سرداران قوم میں سے ایک شخص جودرپردہ حضرت موسیٰ علیہ السلام سے مخلصانہ تعلقات رکھتاتھا دوڑاہواآیااوراس نے حضرت موسیٰ علیہ السلام سے کہا کہ سرداران قوم تیرے قتل کامشورہ کررہے ہیں اس لئے میر ی نصیحت یہ ہے کہ فوراً اس شہر سے نکل جائو ۔چنانچہ حضرت موسیٰ علیہ السلام شہر سے نکلے اورکئی منزلیں طے کرنے کے بعد مدین میں جانکلے ۔پس وَلَھُمْ عَلَیَّ ذَنْب میں حضرت موسیٰ علیہ السلام نے اسی واقعہ کی طرف اشارہ فرمایا اوراس خدشہ کااظہار کیاکہ وہ لو گ اس واقعہ کی بناپر مجھے قتل نہ کردیں ۔اس سے بھی حضرت موسیٰ علیہ السلام پر محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی فضیلت ظاہرہے کیونکہ حضرت موسیٰ علیہ السلام نے تواللہ تعالیٰ سے اپنی حفاظت کا وعدہ لیا ۔لیکن رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم بغیر کچھ بولے کھڑے ہوگئے اورآپؐ نے اللہ تعالیٰ کی راہ میں کسی قسم کی تکلیف کی پرواہ نہ کی ۔بہرحال حضرت موسیٰ علیہ السلام نے جب اس خدشہ کااظہار کیا تواللہ تعالیٰ نے فرمایا۔ ایساہرگز نہیں ہوسکتا۔تم دونوں ہمارے نشانات کے ساتھ فرعون کے پاس جائو اوریاد رکھو کہ ہم تمہارے ساتھ ہیں اورہمیشہ تمہاری دعائوں کو سنتے رہیں گے ۔جب بھی تمہیں کوئی مشکل پیش آئے تم میرے حضورجھکواوردعائیںکرو۔میں اسی وقت تمہاری مدد کے لئے دوڑاچلاآئوں گا تمہاراکام یہ ہے کہ تم فرعون کے پاس جائو اوراس سے کہوکہ ہم رب العالمین خداکے رسول ہیں ۔اورہم اس لئے آئے ہیں کہ توبنی اسرائیل کو اپنی غلامی سے آزادکرکے ہمارے ساتھ روانہ کر دے ۔
اِنَّارَسُولُ رَبِّ العَالَمِیْنَ پر بعض لوگ یہ اعتراض کرتے ہیں کہ یہاں موسیٰؑ اورہارونؑ کاذکر ہے مگرآگے یہ فرمایاگیاہے کہ ہم دونوں رب العالمین کی طرف سے رسول ہیں ۔حالانکہ دوآدمیوں کے لئے رَسُوْلاَنِ کا لفظ استعمال کیاجاتاہے رسول کالفظ استعمال نہیں کیاجاتا ۔ا س کاجواب یہ ہے کہ عرب لوگ کبھی کبھی یہ بھی کہہ دیتے ہیں کہ ھٰذَانِ رَسُوْلِیْ وَوَکِیْلِیْ وَھٰؤُلَائِ رَسُولِیْ وَوَکِیْلِیْ یعنی یہ دویاسب سے سب میرے رسول اوروکیل ہیں (فتح البیان جلد ۸ ص ۶)اسی طرح قرآن کریم میں بھی دوسری جگہ یہ محاور ہ استعمال کیا گیاہے چنانچہ حضر ت ابراہیم علیہ السلام بتوں کا ذکر کرتے ہوئے فرماتے ہیں فَاِنَّھُمْ عَدُوٌّ لِّیْٓ اِلَّا رَبَّ العٰلَمِیْنَ(شعراء ع ۵)یعنی یہ سب کے سب رب العالمین کے سوامیرے دشمن ہیں حالانکہ عام عربی قواعد کے لحاظ سے یہ کہنا چاہیئے تھا کہ یہ سب میرے اعداء ہیں مگراللہ تعالیٰ نے یہاں اَعْدَائَ کالفظ نہیں بلکہ عَدُوٌّ کالفظ رکھا ہے جومفرد ہے۔ پس اس آیت پر نہ عربی زبان کے لحاظ سے کوئی اعتراض ہوسکتاہے اورنہ محاورئہ قرآن کے لحاظ سے کوئی اعتراض ہوسکتاہے ۔
اَنْ اَرْسِلْ مَعَنَا بَنِیْٓ اِسْرَآئِ یْلَ میں اَنْ تفسیری بھی ہوسکتاہے اور اَنْ مصدری بھی ہوسکتاہے ۔مصدری ہونے کی صورت میں اس کے یہ معنے ہوں گے کہ نَحْنُ مُرْسَلُوْنَ لِنُرْسِلَ مَعَنَا بَنِیْٓ اِسْرَآئِ یْلَ ہم خداتعالیٰ کی طرف سے بنی اسرائیل کو ساتھ لے جانے کے لئے رسول بناکربھیجے گئے ہیں ۔اس موقعہ پر قرآن کریم اوربائیبل کے ایک اختلاف کا ذکردینابھی ضروری معلوم ہوتاہے ۔بائیبل میں لکھا ہے۔کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ علیہ السلام کو کہا کہ
’’تُو اسرائیلی بزرگوں کو ساتھ لے کر مصر کے بادشاہ کے پاس جانا اوراس سے کہنا کہ خداوند عبرانیوں کے خداکی ہم سے ملاقات ہوئی اب تُو ہم کو تین دن کی منزل تک بیابان میں جانے دے تاکہ ہم خداوند اپنے خداکے لئے قربانی کریں ۔‘‘(خروج باب ۳ آیت ۱۸)
گویا نعوذ باللہ خداتعالیٰ نے ایک رنگ میں حضرت موسیٰؑ اورہارونؑ کو دھوکا کی تعلیم دی ۔اورکہا کہ فرعون کو اگر صاف طور پر کہہ دیاگیا کہ ہم بنی اسرائیل کو اس ملک سے نکال کر لے جاناچاہتے ہیں تووہ اس کی جازت نہیں دے گا۔اس دھوکا اورفریب سے اس سے اجازت حاصل کی جائے کہ ہم اپنے خداکے لئے قربانی کرناچاہتے ہیں اس لئے ہمیں مصر سے نکلنے کی اجازت دی جائے ۔جب وہ اس کی اجازت دیدے تو اس بہانہ سے تمام بنی اسرائیل کو اپنے ساتھ لے کر مصر سے نکل جانا۔لیکن قرآن کریم کہتاہے کہ یہ بات غلط ہے۔ ہم نے موسیٰؑ اورہاورنؑ کو صاف طور پرکہہ دیاتھا کہ فرعون سے جاتے ہی مطالبہ کردینا کہ ْ اَرْسِلْ مَعَنَا بَنِیْٓ اِسْرَآئِ یْل بنی اسرائیل کو ہمارے ساتھ بھیج دیاجائے کیونکہ اب ان پرمظالم کی انتہاہوچکی ہے ۔کسی دھوکا اورفریب کی ہم نے انہیں تعلیم نہیں دی تھی ۔
ْ اَرْسِلْ مَعَنَا بَنِیْٓ اِسْرَآئِ یْل کے الفاظ یہ بھی بتاتے ہیں کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام ایک مختص القوم نبی تھے جو صرف بنی اسرائیل کو غلامی کی ان زنجیروں سے آزادکرانے کے لئے آئے تھے جن میں سینکڑوں سال سے جکڑے چلے آتے تھے۔لیکن محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ تعالیٰ نے کہ فضیلت عطافرمائی کہ آپ کسی ایک قوم کی طرف نہیں بلکہ تمام دنیا کی طرف رسول بناکر بھیجے گئے ۔چنانچہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو مخاطب کرکے فرمایا کہ وَمَا اَرْسَلْنٰکَ اِلاَّ کَآفَّۃً لِّلنَّاسِ بَشِیْرًاوَّنَذِیْرًا(سبا آیت ۲۹) یعنی اے محمدؐ رسول اللہ ! ہم نے تجھے تمام بنی نوع انسان کے لئے بشیر اورنذیر بناکربھیجاہے ۔اورمیں عربی اورغیر عربی یامشرقی اورمغربی کا کو ئی امتیاز نہیں ۔دنیا کے ہرشخص کا خواہ وہ کسی ملک کارہنے والاہو اورخواہ وہ کوئی زبان بولنے والا ہو ۔ فرض ہے کہ وہ تیرے پیغام کو قبول کرے اورتیری ہدایات کے تابع چلے ۔محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک ایسے ملک میں پیداہوئے تھے جو تمام دنیا سے منقطع تھا ۔ وہ ملک تمدن کے لحاظ سے بھی کمزور تھا ۔علمی لحاظ سے بھی کمزور تھااورسیاسی لحاظ سے بھی کمزور تھا ۔ اس کمزور ترین ملک میں محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک کمزورترین انسان تھے ۔لیکن خداتعالیٰ نے آپ سے کہا کہ ہم نے تجھے تمام دنیاکی طرف رسول بنا کر مبعوث کیا ہے۔
اگرہم اس فقرہ کی صحیح ترجمانی کریں توا سکے معنے یہ ہوں گے کہ خداتعالیٰ نے محمد رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے کہا ۔اے میرے رسول! توکہدے کہ میں کینیڈا کی ہدایت کے لئے آیا ہوں جس کو تم جانتے بھی نہیں ۔میں یونائیٹڈ اسٹیٹس امریکہ کی ہدایت کے لئے بھیجاگیاہوں جو ابھی آباد بھی نہیں ہوئیں۔ مجھے خداتعالیٰ نے برازیل،کیوبا،بولیویا، چلّی،کولمبیااورمیکسیکو کی ہدایت کے لئے مبعوث فرمایاہے جنہیں ابھی کوئی جانتابھی نہیں اوربالکل ویران پڑے ہیں اورکسی آئندہ زمانہ میں آباد ہوںگے ۔میں جاپا ن اورفلپائن کی اصلاح کے لئے بھیجا گیاہوں جن کو کوئی نہیںجانتا بلکہ میں ان ملکوںکی ہدایت کے لئے بھی مامو رکیاگیاہوں جوابھی دریافت بھی نہیں ہوئے ۔غرض اس آیت کو پھیلاکر دیکھا جائے توانسان محو حیرت ہوجاتاہے ۔آخر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس اس دعویٰ کو پوراکرنے کے کونسے سامان تھے ۔آپ کے پاس کونسے ہوائی جہاز تھے ک جن کے ذریعہ سے آپ امریکہ جاتے ۔کینیڈا جاتے ۔برازیل، کولمبیا اوربولیویاجاتے ۔پھر آپ کے پاس وہ کون سے ذرائع تھے کہ جن سے آپ اپنی تعلیم کو اپنی وفات کے بعد بھی ممتد کئے جاتے جب تک وہ ملک دریافت نہ ہوتے آپ وہاں جاہی کیسے سکتے تھے ۔لوگ بات کرتے ہیں توان کے بیٹے بھول جاتے ہیں اوراگر بیٹے یاد رکھتے ہیں تو پوتے بھول جاتے ہیں ۔اگر پوتے یاد رکھتے ہیں تو پڑپوتے بھول جاتے ہیں ۔مگر یہ ملک تو اس وقت دریافت بھی نہیں ہوئے تھے۔آپؐ کی وفات کے نوسوسال بعد امریکہ دریافت ہوا۔لیکن فرض کرو۔اس وقت امریکہ دریافت بھی ہواہوتا توآپ کے پاس کونسی گارنٹی تھی کہ آپ کا دعویٰ پوراہوجائے گا۔ہمیں تویہی نظر آتاہے کہ لوگ اپنے بچے قربان کرتے ہیں اپنے بھائی قربان کرتے ہیں اپنا عیش اورآرام قربان کرتے ہیں ۔بعض ناجائز باتوں کے لئے قربانیاں کرتے ہیں ۔بعض جائز اوراچھی باتوں کے لئے قربانیاں کرتے ہیں لیکن ان کے نتائج بہت محدود ہوتے ہیں اوران محدود نتائج کا بھی کوئی ذمہ وار نہیں ہوتا۔ مگر محمد رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کاجس طرح دعویٰ تمام دنیاسے نرالاتھا ۔اسی طرح آپؐ کا بدلہ بھی نرالاتھاچنانچہ باوجود اس کے کہ آپؐ کے پاس کوئی ایسے سامان نہیں تھے جن سے آپ اپنا پیغام دنیاکے تمام ممالک تک پہنچا سکتے ۔پھر بھی خداتعالیٰ نے آپ کو ابیض و اسود اوراحمر و اصفر سب میں قبولیت بخشی اورآپ کادین مختلف قوموں اورملکوں میں پھیلنا شروع ہوا۔یہاں تک کہ وہ دنیا کے کناروں تک پھیل گیا ۔چنانچہ آج چین میں کروڑوں مسلمان ہیں ۔انڈونیشیا میں نوے فیصدی مسلمان ہیں ۔انڈین یونین میں پچیس تیس فیصدی مسلمان ہیں ۔پھر افغانستا ،ایران ،برما ،شام ،فلسطین ،ایبے سینا ،وسطی افریقہ،شمالی و جنوبی افریقہ ،مغربی و مشرقی افریقہ ،امریکہ ،ایشیا اوریورپ کے بہت سے علاقوں میں لاکھوں کروڑوں مسلمان پائے جاتے ہیں ۔غر ض محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کویہ نمایا ں امتیاز حاصل ہے کہ آپ تمام دنیاکی طر ف مبعوث کئے گئے جبکہ موسیٰؑ صرف بنی اسرائیل کی ہدایت کے لئے مبعوث کئے گئے ۔
چونکہ بنی اسرائیل کی غلامی کااصل باعث فرعون کا پنجہء استبداد تھا ۔ اس لئے اللہ تعالیٰ نے فرعون او راس کی قوم کی طرف موسیٰ کو بھجوایا اوراسے توجہ دلائی کہ بنی اسرائیل کو مظلومیت کی پکار ہمارے عرش تک پہنچ چکی ہے اب تمہارے لئے سوائے اس کے اورکوئی راستہ نہیں کہ تم اپنے فولادی پنجہ کی گرفت کو ڈھیلا کردو اوربنی اسرائیل کو آزاد کردو ورنہ خداتعالیٰ کے فرشتے آسمان سے تلواریں لے کراتریں گے اوروہ تمہیں اس جرم کی عبرتناک سزادیں گے ۔
قال الم نربک فینا ولیداولبثت فینامن عمرک سنین٭
اس (فرعون ) نے کہا (اے موسیٰ)کیاہم نے تجھ کو اس وقت نہیں پالا جبکہ توابھی بچہ تھا ۔اورتونے ہم میں اپنی عمرکے بہت سے سال
وفعلت فعلتک التی فعلت وانت من الکٰفرین٭
گذارے ہیں ۔اورتونے وہ کام بھی کیاہے جو تو کرچکا ہے ۔اورتُو(ہمارے احسانوں کا)ناشکر گذار ہے۔
قال فعلتھا اذاوانامن الضالین٭
(موسیٰ نے )کہا وہ کام(جس کا تونے اشارہ کیاہے)میں نے اس وقت کیاتھا جبکہ میں اپنی قوم کی محبت میں سرشار تھا
ففررت منکم لما خفتکم فوھب لی ربی حکما وجعلنی من المرسلین٭
پس جب مجھے تم سے ڈر محسوس ہواتومیں تم سے بھاگ کر چلاگیا۔اس پرمیرے رب نے مجھے حکم (یعنی عہدئہ نبوت)عطافرمایا اورمجھے رسولوں میں سے (ایک رسول )بنادیا ۔
وتلک نعمۃ تمنھا علی ان عبدت بنی اسرائیل٭
اوریہ(بچپن میں مجھے پالنے کی )نعمت جسکا تم احسان جتاتے ہو کیایہ اس بات کے مقابل میں پیش کیاجاتی ہے کہ تم نے بنی اسرائیل کی ساری قوم کو غلام بنا چھوڑاہے ۔۶؎
۶؎ تفسیر۔فرماتاہے ۔جب فرعون نے موسیٰؑ اور ہارونؑ کا یہ پیغام سُنا۔ تونہایت ڈھٹائی سے کہنے لگا۔ اے موسیٰؑ! وہ دن بھول گئے جب ہم تجھے پالا کرتے تھے۔ اور جب کہ تو نے اپنی عمر کے کئی سال ہم میں گذارے ۔ اب تجھے بھی باتیں کرنی آگئی ہیں اور توجو ہمارے ٹکڑوں پر پلا ہے۔ اب ہمیں ہی نصیحت کرنے کے لئے آگیا ہے ۔یہ الفاظ اس نے موسیٰؑ کی تحقیر کے لئے اسی طرح کہے جس طرح فقیہیوں اورفریسیوں نے جب مسیحؑ کو کوچوں اور بازاروں میں تبلیغ کرتے اور خدائے واحد کا نام بلند کرتے دیکھا تو انہوںنے کہا:۔
’’ کیا یہ بڑھئی کا بیٹا نہیں۔اور اُس کی ماں کانام مریم اور اس کے بھائی یعقوب اور یوسف اور شعون اور یہودہ نہیں۔ اور کیا اس کی سب بہنیں ہمارے ہاں نہیں۔پھر یہ سب کچھ اس میں کہاں سے آیا ۔اور انہوں نے اس کے سبب سے ٹھوکر کھائی ۔‘‘
(متی باب ۱۳آیت ۵۵,۵۶)
جس طرح فریسیوں کے لئے یہ بات حیرت کا موجب تھی کہ یہ شخص جو ایک بڑھئی کا بیٹا ہے اور جس کی تمام بہنیں ہمارے ہاں بیاہی ہوئی ہیں ہمیں وعظ اور نصیحت کرنے کے لئے آگیا ہے۔ اسی طرح فرعون کے لئے بھی یہ بات حیرت کا موجب ہوئی کہ موسیٰ جسے اس کی ماں نے ہم سے ڈرتے ہوئے سمندر کی طوفانی موجوں میں پھینک دیا تھا اورجسے بچا کر ہم نے اپنے گھروں میں رکھا اور اس کی پرورش کی وہی ہمارے ٹکڑے کھانے کے بعد آج نعوذ باللہ ایسا طوطا چشم نکلا ہے کہ میری طاقت اور عظمت کا اس نے ذرا بھی پاس نہیں کیا اورا س نے یہ کہنا شروع کردیا ہے کہ میں اس کی غلامی اختیار کروں ۔فرعون اس وقت موسیٰؑ کی ابتدائی حالت اور اپنے موجودہ عروج کو دیکھ رہاتھا ۔ مگر وہ اس بات کو بھول گیا کہ بعض دفعہ ایک چھوٹا سا بیج بویا جاتا ہے کہ دنیا حیران ہوجاتی ہے ۔اور بعض دفعہ ایک چیز ابتداء میں نہایت اہم نظر آتی ہے لیکن اس کا انجام اتنا چھوٹا ہوتا ہے کہ انسان حیران ہوجاتا ہے کہ ایک چھوٹی سی بات کو اتنی اہمیت اورعظمت کیوں دے دی گئی تھی ۔مثلاً رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور ابوجہل قریباً ہم عمر تھے ۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی پیدائش ایسی حالت میںہوئی کہ آپؐ کے والد آپ کی پیدائش سے پہلے ہی فوت ہوچکے تھے ۔اگر وہ زندہ بھی ہوتے تو پھر بھی وہ کوئی مالدار آدمی نہیںتھے ۔آپؐ کے دادا حضرت عبدالمطلب بھی امیر لوگوں میں سے نہ تھے اور گو آپ آسودہ حال ضرور تھے لیکن چونکہ آپ ایک سخی آدمی تھے ۔اس لئے آخری عمر میں آپ کی دولت بہت کم ہوگئی تھی ۔ پس اول تو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا خاندان کوئی امیر خاندان نہ تھا دوسرے آپ خصوصیت سے غریبانہ حالت میں پیدا ہوئے ۔ آپ ؐ کے والد آپؐ کی پید ائش سے پہلے ہی فوت ہوچکے تھے۔پس آپ کی پیدائش پر آپ کی والدہ نے کیا خوشی کی ہوگی ۔ آپ کی والدہ کے پاس کچھ تھا ہی نہیں ۔لوگ تو دنیا کو دیکھتے ہیں ۔مال اور دولت کو دیکھتے ہیں ۔جہاں روپیہ ہوتا ہے وہاں جمع ہوجاتے ہیں مگر آپ کی والدہ کے پا س روپیہ نہیں تھا۔ شاید آپ کے قریبی رشتہ دار مبارکباد دینے کے لئے آگئے ہوں۔مگر دوسرے لوگوں نے آپ کی پیدائش کوکوئی اہمیت نہیں دی ۔لیکن ابو جہل کاباپ مالدا رتھا ۔جب و ہ پیداہواہوگا اس کے ماں باپ نے کتنی خوشیاں منائی ہوں گی ۔ابوجہل کانام ابوالحکم تھا یعنی حکمتوں کاباپ۔عقلمند دانا اورمدبّر ۔لیکن بعد میں اس نے جب رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شدید مخالفت کی اورحماقت کا اظہار کیا تو مسلمانوں نے اس کانام ابوجہل رکھ دیا۔ابوجہل کے ماں باپ چونکہ مالدارتھے ۔اس لئے جب وہ پیداہواہوگا ۔توہرشخص جس کی ضروریات ان سے وابستہ ہوں گی ان کے گھر پہنچا ہوگا اوراس کی پیدائش پر مبارکباد دی ہوگی اورکہا ہوگا ہماراملک کتنا ہی خوش قسمت ہے کہ جس میں اس جیسابچہ پیداہوا۔اس کے چہر ہ سے ہی معلوم ہوتاہے کہ اس کے اقبال کا ستارہ کتنا بلند ہے۔غرض ا سکی تعریف میں لوگوں نے ہزاروں مبالغے کئے ہوں گے معلوم نہیں ا سکی پیدائش پر کتنے اونٹ ذبح کرکے دعوتیں کی گئی ہوں گی ۔خوشی میں دفیں بجائی گئی ہوں گی ۔عورتوں نے گیت گائے ہو ںگے ۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی پیدائش پر آپ کے گھر کے پاس سے گذرنے والے یہ خیال کرتے ہوں گے کہ ایک غریب کے ہاں بچہ پیداہواہے جو خود بخود ختم ہوجائے گا۔لیکن ابو جہل کی پیدائش پر اس کے گھر کے پاس سے گذرنے والے یہ سمجھتے ہوں گے کہ آج ایک رئیس پیداہواہے ۔نہ معلوم بڑا ہوکر یہ کیا کچھ کرے گا۔غرض رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ابتداء بظاہر ایک اد نیٰ رنگ میں ہوئی لیکن انتہاکیا ہوئی ؟ وہی بچہ جس کو دائیاں لینے کے لئے تیار نہیں تھیں ۔جس کی پیدائش پر مکہ والوں نے کوئی نوٹس نہیں لیاتھا جب فوت ہواتوعرب کی تاریخ میں ہی نہیں ساری دنیا کی تاریخ میں ایک غیر معمولی حیثیت رکھتا تھا ۔گویاآپ پر یہ الٰہی نوشتہ اپنی پوری شان کے ساتھ صادق آیا کہ
’’ وہ پتھر جسے معماروں نے ناپسند کیا وہ کونے کاسراہوا۔‘‘ (مرقس باب۱۲ آیت ۱۰و لوقاباب ۲۰آت ۱۷)
سارے عرب قبائل آپ کے زیر سایہ تھے جو آپ سے پہلے کسی بادشاہ کے مطیع نہیں ہوئے تھے۔ پھر بادشاہوں کو جوظاہری عظمت حاصل ہوتی ہیح اس کی وجہ سے ڈر کے مارے لوگ ان کی بڑائیاں بیا نکرتے ہیں لیکن دل میں انہیں ہزاروں ہزار گالیاں دیتے ہیں ۔ بادشاہ جب مرجاتے ہیں توبے شک ان کوموت سے ملک کوصدمہ بھی ہوتاہے لیکن لوگ یہی کہتے ہیں کہ ایک بادشاہ اگر مر گیاہے تو کو ئی دوسر اشخص بادشاہ بن جائے گا اوروہ وہی کام شروع کردے گا جو پہلا بادشاہ کرتاتھا ۔انگریزی میں ایک مثل ہے :۔
‏KING NEVER DIES یعنی بادشاہ کبھی نہیں مرتے ۔ایک بادشاہ مرجاتاہے تودوسراکھڑاہوجاتاہے اورپہلے بادشاہ اوردوسرے بادشاہ میں کوئی نمایاں فرق نہیں ہوتا۔اگر قوم بیدار ہوتی ہے تودوسرے بادشاہ کے وقت میں بھی وہ ترقی کرتی چلی جاتی ہے ۔لیکن رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق یہ نہیں کہاجاسکتا ۔آپ کی وفات کو تمام عر ب نے جو اس وقت آپ کی خوبیوں ،اہمیت اورعظمت کا قائل ہوچکا تھا ایک انسان کی موت خیال نہیں کیا ۔ملک کی موت خیال نہیں کیا ۔بلکہ دنیا کی موت خیال کیا ۔ چنانچہ حسان بن ثابتؓ نے آپ کی وفات پر جو شعر کہے وہ یہ ہیں کہ ؎
کُنْتَ السَّوَادَ لِنَاظِرِیْ فَعَمِیَ عَلَیَّ النَّاظِرُ
مَنْ شَائَ بَعْدَکَ فَلْیَمُتْ فَعَلَیْکَ کُنْتُ اَحَاذِرُ
یعنی اے محمد رسو ل اللہ!آپ تو میری آنکھوں کی پتلی تھے آپ کی وفات نہیں ہوئی بلکہ میری آنکھیں اندھی ہوگئی ہیں ۔اب کوئی شخص مرتاپھر مجھے اس سے کیا ۔میں تو آپ ؐکے متعلق ہی ڈرتاتھا ۔یہ وہ جذبہء عقیدت تھا جو آپ کے متعلق صحابہؓ میں پایا جاتاتھا ۔حسان بن ثابت ؓ نے ایک شاعرانہ کلام ہی نہیں کہا بلکہ تاریخ شاہد ہے کہ تمام عرب نے حسان بن ثابتؓ کے ان شعروں کو اپنے ہی جذبات ا اظہار خیال کیا ۔گویا عرب کی آواز حسان بن ثابتؓ کی زبان پر جاری ہوگئی ۔تاریخ کہتی ہے کہ ہفتوں تک مدینہ مکہ اوردوسرے مسلمان شہروں والے اپنے اپنے گھروں میں بیٹھے ہوئے بازاروں میں چلتے ہوئے اوراپنے کاروبار کرتے ہوئے یہی شعر پڑھتے تھے کہ
کُنْتَ السَّوَادَ لِنَاظِرِیْ فَعَمِیَ عَلَیَّ النَّاظِرُ
مَنْ شَائَ بَعْدَکَ فَلْیَمُتْ فَعَلَیْکَ کُنْتُ اَحَاذِرُ
لیکن ابو جہل جس کی پیدائش پر ہفتوں اونٹ ذبح کرکے لوگوں میں گوشت تقسیم کیاگیا تھا جس کی پیدائش پر دفوں کی آواز سے مکہ کی فضاگونج اٹھی تھی ۔بد رکی لڑائی میں جب ماراجاتاہے تو پندرہ پندرہ سال کے دوانصار ی چھوکرے تھے جنہوں نے اسے زخمی کیا حضرت عبداللہ بن مسعودؓ فرماتے ہیں کہ جب جنگ کے بعد لو گ واپس جارہے تھے ۔تومیں میدان میں زخمیوں کو دیکھنے کے لئے چلا گیا ۔آپ بھی مکہ کے ہی تھے اس لئے ابوجہل آپ کو اچھی طرح جانتاتھا ۔آپ فرماتے ہیں کہ میں میدان جنگ میں پھر ہی رہاتھا کہ کیا دیکھتاہوں کہ ابو جہل زخمی پڑاکراہ رہاہے ۔جب میںاس کے پاس پہنچا تواس نے مجھے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں اب بچتانظر نہیں آتا تکلیف زیادہ بڑھ گئی ہے ۔تم بھی مکہ والے ہو میں یہ خواہش کرتاہوں کہ تم مجھے مار دوتامیری تکلیف دور ہوجائے لیکن تم جانتے ہوکہ میں عرب کا سردار ہوں اورعرب میں یہ رواج ہے کہ سرداروں کی گردنیں لمبی کرکے کاٹی جاتی ہیں اوریہ مقتو ل کی سرداری کی علامت ہوتی ہے ۔میری یہ خواہش ہے کہ تم میری گردن لمبی کرکے کاٹنا ۔حضرت عبداللہ بن مسعودؓ فرماتے ہیں کہ میں نے اس کی گردن ٹھوڑ ی سے کا ٹ دی اورکہا کہ تیری یہ آخری حسرت بھی پوری نہیں کی جائے گی۔ اب انجام کے لحاظ سے دیکھوتوابوجہل کی موت کتنی ذلت کی موت تھی ۔جس کی گر دن اپنی زندگی میں ہمیشہ اونچی رہاکرتی تھی ۔وفات کے وقت اس کی گردن ٹھوڑی سے کاٹی گئی اوراس کی یہ آخری حسر ت بھی پوری نہیں ہوئی ۔پھرچونکہ کفار رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے راستہ میں گڑھے کھوداکرتے تھے اورمسلمانوںکو پتھروں پر گھسیٹتے تھے اورآپؐ کی یہ پیشگوئی تھی کہ ایک دن ان کفارکو بھی بالوں سے پکڑ پکڑ کرگھسیٹاجائے گااس لئے بد ر کی جنگ میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابہؓ کو حکم دیاکہ کفار کی لاشوں کو ایک اندھے کنوئیں میں گردیاجائے ۔آپؐ کے اس حکم کے مطابق صحابہؓ نے کفار کی لاشوں کو گھسیٹ گھسیٹ کر ایک اندھے کنوئیں میں پھینک دیا ۔غرض رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم اورابوجہل دونوں کو پیدائش اوروفات کو دیکھاجائے تومعلوم ہوتاہے کہ پیدائش کے وقت جو ناقابل التفات نظر آتاتھا وفات کے وقت وہ سید عرب بنا ۔لیکن جو سید عرب نظر آتاتھا وفات کے وقت وہ نہایت ہی ذلیل وجو د ثابت ہوا۔غرض بعض دفعہ ایک چیز کی ابتداء اورہوتی ہے اورانتہا اور۔
حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام بھی جب پیداہوئے توآپ کے ماں باپ نے آپ کی پیدائش پر خوشی کی ہوگی۔مگر جب آپ کی عمر بڑی ہوگئی اورآپ کے اندر دنیا سے بے رغبتی پیداہوگئی توآپ کے والدآپ کی اس حالت کو دیکھ کرآہیں بھراکرتے تھے کہ ہمارایہ بیٹاکسی کام کے قابل نہیں ۔مجھے ایک سکھ نے بتایاکہ ہم دوبھائی تھے ہمارے والد صاحب بڑے مرزاصاحب (یعنی مرزاغلام مرتضیٰ صاحب) کے پاس آیاکرتے تھے ۔اورہم بھی بسااوقات ان کے ساتھ آجایاکرتے تھے ایک دفعہ مرزاصاحب نے ہمارے والد صاحب سے کہا کہ تمہارے لڑکے غلام احمد (علیہ الصلوٰۃ والسلام )کے پاس آتے جاتے ہیں تم ان سے کہوکہ جا کرسمجھائیں ۔ہم دونوں جب آپ کے پا س جانے کے لئے تیار ہوگئے تومرزاصاحب نے کہا کہ غلام احمد (علیہ السلام )کو باہر جاکرکہنا کہ تمہارے والد صاحب کو اس خیال سے بہت دکھ ہوتاہے کہ اس کاچھوٹالڑکا اپنے بڑے بھائی کی روٹیوں پر پلے گا ۔اسے کہوکہ میری زندگی میں ہی کوئی کام کرے ۔میں کوشش کررہاہوں کہ اسے کوئی اچھی نوکری مل جائے میں مرگیا توپھر سارے ذرائع بند ہوجائیں گے۔ اس سکھ نے بتایا کہ ہم مرزاغلام احمد صاحب (علیہ الصلوٰۃ والسلام ) کے پا س گئے اورکہا کہ آپ کے والد صاحب آپ کابہت خیال رکھتے ہیں ۔انہیں یہ دیکھ کر کہ آپ کچھ کام نہیں کرتے بہت دکھ ہوتاہے کہ وہ فرماتے ہیں کہ اگر میں مرگیا توغلام احمد کاکیا بنے گا ۔ آپ اپنے والد صاحب کی بات کیوں نہیں مان لیتے ۔ آپ کے والد صاحب اس وقت کپو رتھلہ میں کوشش کررہے تھے اورکپور تھلہ کی ریاست نے آپ کو ریاست کاافسر تعلیم مقررکرنے کا فیصلہ کرلیا تھا ۔وہ سکھ کہنے لگا کہ جب ہم نے یہ بات کہی کہ آپ اپنے والد صاحب کی بات کیوں نہیں مان لیتے آپ کچھ کام کرلیں توآپ نے فرمایا والد صاحب تویونہی غم کرتے رہتے ہیں انہیں میر ے مستقبل کاکیوں فکر ہے میں نے جس کی نوکری کرنی تھی کرلی ہے۔ ہم واپس آگئے اور مرزاغلام مرتضیٰ صاحب سے آکر ساری بات کہہ دی ۔مرزاصاحب نے فرمایاکہ اگر اس نے یہ بات کہی ہے توٹھیک کہا ہے وہ جھوٹ نہیں بولاکرتا۔
یہ آپؑ کی ابتداء تھی اورابھی توانتہانہیں ہوئی لیکن جوعارضی انتہانظر آتی ہے وہ یہ ہے کہ آپ کی وفات کے وقت ہزاروں ہزار آدمی آپ پر قربان ہونے والا موجود تھا ۔آپ خو دفرماتے ہیں ؎
لُفَاظَاتُ المَوائِدِ کَانَ اُکُلِیْ
وَصِرْتُ الْیَوْمَ مِطْعَامُ الْاَھَالِیْ
ایک وہ زمانہ تھا جب بچے ہوئے ٹکڑے مجھے دیئے جاتے تھے اورآج میرایہ حال ہے کہ میں سینکڑوں خاندانوںکوپال رہاہوں۔ آپ کی ابتداء کتنی چھوٹی تھی مگرآپ کی انتہا ایسی ہوئی کہ علاوہ ان لوگوں کے جو خدمت کرتے تے لنگر میں روزانہ دواڑھائی سوآدمی کھاناکھایاکرتے تھے ۔اس میں کوئی شبہ نہیں کہ آپ اپنے والد کی جائیداد میں اپنے بھائی کے برابر کے شریک تھے۔لیکن زمینداروں میں یہ عام دستور ہے کہ جو کام کرے وہ توجائیداد میں شریک سمجھاجاتاہے اورجوکام نہیں کرتا وہ جائیداد میں شریک نہیں سمجھاجاتااوریہ دستورابھی تک چلاآتاہے ۔لوگ عموماً کہہ دیتے ہیں کہ جو کام نہیں کرتا اس کاجائیداد میں کیا حصہ ہوسکتاہے ۔آپ کے پاس جب کوئی ملاقاتی آتااورآپ اپنی بھاوجہ کو کھانے کے لئے کہلا بھیجتے تووہ آگے سے کہہ دیتیں کہ وہ یونہی کھاپی رہاہے ۔کام کاج توکرتانہیں ۔ اس پر آپ اپنا کھانااس مہمان کو کھلادیتے اورخود فاقہ کرلیتے یا چنے چباکر گذارہ کرلیتے ۔خداکی قدرت ہے کہ وہی بھاوجہ جو اس وقت آپ کو حقارت کی نگاہ سے دیکھتی تھیں بعد میں میرے ہاتھ پر احمدیت میں داخل ہوئیں ۔غر ض اللہ تعالیٰ کی طرف سے جب کوئی کام شروع کیاجاتاہے تو اس کی ابتداء بڑی نظر نہیں آیاکرتی لیکن ا سکی انتہاپر دنیا حیران ہوجاتی ہے۔
فرعون نے بھی موسیٰؑ کو ان کی ابتدائی کس مپرسی کا حوالہ دیا اورکہاکہ تم مجھے کیانصیحت کرسکتے ہو ۔تمہاری توخود ہمارے خاندان نے پرورش کی ہے ۔حالانکہ دنیا میں کبھی کسی چیز کی ابتداء کو نہیں دیکھا جاتا بلکہ اس کی انتہاپر نظر ڈالی جاتی ہے ۔بڑ کے بیج کو دیکھ کر اگرکوئی شخص اسے بے حقیقت خیال کرتاہے تووہ نادان ہے لیکن اس سے بھی بڑھ کروہ نادان ہے جو اپنی آنکھوں سے بڑ کے درخت کا اس قدر پھیلائو دیکھے کہ سینکڑوں آدمی اس کے سایہ تلے آرام کررہے ہوںاورپھر بھی وہ اس کے سایہ میں بیٹھنے سے انکار کردے محض اس لئے کہ اس کا بیج کسی زمانہ میں ایساحقیر تھا کہ ہواکاایک معمولی جھونکا بھی اسے پرے پھینک دیتاہے۔بہرحال فرعون نے ایسی ہی حماقت کی اورموسیٰؑ کو اس بات کاطعنہ دیاکہ تُو ہمارے گھروں میں پلتارہاہے ۔وہ اس بات کو بھول گیاکہ اللہ تعالیٰ کی قدیم سے یہ سنت چلی آرہی ہے کہ وہ اپنے نبیوں کو دشمنوں کے زیرسایہ ہی ترقی عطاکیاکرتاہے ۔حضرت مسیح ناصریؑ نے روماکی حکومت کے سایہ تلے پرورش پائی اوررسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بچپن میں ثقیف قوم میں پرورش پائی جس نے ابرہہ کو خانہ کعبہ گرانے کے لئے راہنمادیئے تھے۔گویا وہی قوم جس نے خانہ کعبہ کوگرانے کے لئے اپنی خدمات پیش کی تھیں اللہ تعالیٰ نے اسی قوم کے زیر سایہ اس مقدس انسان کو جگہ دی جودعائے ابراہیمی کا مصداق اورخانہ کعبہ کا مقصودتھا۔ اسی طرح خدانے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہؓ کو حبشہ کی عیسائی حکومت کے سایہ تلے پناہ دی حالانکہ اسی حکومت کے ایک گورنر ابرہہ نے بیت اللہ پرحملہ کیاتھا۔ موجودہ زمانہ میں بھی اللہ تعالیٰ نے پھر اسی تدبیر سے کام لیااورحضرت مسیح موعود علیہ السلام کو انگریزوں کے زیر سایہ رکھاحالانکہ آپ عیسائیت کی بیخکنی کے لئے مبعوث فرمائے گئے تھے ۔نادان لوگ اس پر اعتراض کرتے ہیں ۔مگروہ نہیں دیکھتے کہ کیا خدانے موسیٰؑ کو فرعون کے زیر سایہ نہیں رکھا ۔کیاخدانے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہؓ کو ایک عیسائی حکومت کے زیرسایہ نہیں رکھا ۔کیاخود محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ تعالیٰ نے ثقیف قوم کے زیرسایہ نہیں رکھا ۔پھراگران کاوہاں پرورش پانا قابل اعتراض امر نہیں توحضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کاانگریزوں کے زیر سایہ ترقی کرنا کس طرح قابل اعتراض ہوگیا۔ یہ تواللہ تعالیٰ کانشان ہے کہ وہ اپنے انبیاء کو خود ان کے دشمنوں کے زیرسایہ رکھ کر ترقی عطافرماتاہے اوراس طرح دنیا پرثابت کردیتاہے کہ اس کے ارادوں کوکوئی شخص روک نہیں سکتا۔حضرت موسیٰ علیہ السلام کے واقعہ پر ہی غو ر کرکے دیکھ لو کجا یہ کہ فرعون نے حکم دے دیاتھا کہ بنی اسرائیل کاکوئی بچہ زندہ نہ رہے اورکجایہ کہ تصرف الٰہی کے ماتحت اس نے خو د اپنے گھرمیںحضر ت موسیٰ علیہ السلام کی پرورش کی ۔گویاوہی جس کی خاطر بچے مارے جاتے تھے اس کی چھاتیوں پر چڑھ کرموسیٰ بڑھا اورپھولااورپھلا اورآخراسی موسیٰ کی مخالفت نے فرعون کو تباہ و برباد کردیا کیونکہ حضرت موسیٰ کی والدہ نے خداتعالیٰ کی بات پر اعتبار کرکے اپنے بچے کو دریامیں ڈال دیاتھا ۔اس میں کوئی شبہ نہیں کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام کی والد ہ نے کئی قسم کی احتیاطوں کے ساتھ ان کو دریا میں ڈالا مگر کون ہے جو اس سے سوگنازیادہ احتیاط کرکے بھی اپنے بچہ کو دریامیں پھینکنے کے لئے تیار ہوسکتاہے ۔انہوں نے خداکاحکم پوراکرنے کے لئے اس موت کو قبول کرلیا ۔ جس کانتیجہ یہ ہواکہ خدانے موسیٰ کو ہمیشہ کے لئے زندہ کردیا اوروہ جس کے متعلق خطرہ تھاکہ دریا کی لہروں میں کہیں غرق نہ ہوجائے خدااسے بچاکر فرعون کے گھر میں ہی لے گیا۔اوراس کی روٹیا ںکھاکھاکر اوراس کے گھر کادودھ پی پی کراوراسی کے کندھوں پرچڑھ چڑھ کراس نے تربیت حاصل کی ۔اورآخرایک دن وہ تمام بنی اسرائیل کو فرعون کے پنجہ سے بچاکرلے آیا ۔اورفرعون اپنے لائولشکر سمیت غرق ہوگیا۔اسی پرورش کا اس نے حضرت موسیٰ علیہ السلام کو طعنہ دیااورپھر کہا کہ وَفَعَلْتَ فَعْلَتَکَ الَّتِیْ فَعَلْتَ وَاَنْتَ مِنَ الْکَافِرِیْنَ۔اس دوران میں تجھ سے وہ فعل بھی سرزد ہواجس کا تجھے خوب علم ہے یعنی قبطی قوم کا ایک آدمی تیرے ہاتھ سے ماراگیااورتویقیناناشکروں میں سے ہے ۔
اس جگہ اَنْتَ مِنَ الَکَافِرِینَ سے مراد یہ نہیں ہے کہ توکافروں میں سے ہے ۔بلکہ اس کامطلب یہ ہے کہ توسخت ناشکرانکلاکہ تونے ایک محسن قوم کاآدمی مارڈالا۔حضرت موسیٰ علیہ السلام نے کہا کہ پہلے تمام حالات پرغورکرواورپھر الزام لگا ئو بے شک یہ فعل مجھ سے سرزد ہواہے مگر فَعَلْتُھَااِذًّاوَاَنَا مِنَ الضَّآلِّیْنَ مجھ سے یہ فعل ایسی حالت میں سرزد ہواتھا جبکہ میں اپنی قوم کی محبت میں سرشارتھا یعنی جب میں نے دیکھا کہ ایک دشمن قوم کا فرد میری قوم کے ایک آدمی کو بلاوجہ ماررہاہے تومجھے اپنی مظلوم قوم کے ایک فرد کی حمایت میں جوش آگیا اورمیں نے ظالم کامقابلہ کیاجس کے نتیجہ میں وہ نادانستہ طورپر ہلاک ہوگیا ۔
یہ واقعہ جس کی طر ف فرعون نے اشار ہ کیا وہی ہے جس کااوپر ذکر کیاجاچکا ہے کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام نے ایک رات ایک قبطی کو دیکھا کہ وہ ایک اسرائیلی سے لڑرہاہے جب حضرت موسیٰ علیہ السلام ان کے پاس سے گذرے تواسرائیلی نے حضرت موسیٰ کو دیکھ کرانہیں اپنی مدد کے لئے پکارا۔حضرت موسیٰ علیہ السلام نے بھی سمجھا کہ اگر میں نے اسرائیلی کی مدد نہ کی تووہ ماراجائے گا چنانچہ انہوں نے آگے بڑھ کر قبطی کو ایک گھونسامارا۔اب یاتوجوش کی حالت میں وہ گھونسازیادہ زور سے مار بیٹھے یااس کادل کمزور تھا گھونساکہ لگتے ہی وہ مرگیا۔اس واقعہ کافرعون انہیں طعنہ دیتاہے اورکہتاہے کہ ہم نے توتجھے بچوں کی طرح پالااورتونے ہمارے ہی آدلی کو ماردیا ۔اورناشکری کا نمونہ دکھایا ۔حضر ت موسیٰ علیہ السلام اسے جواب دیتے ہیں کہ پہلے سب حالات پر غور کر و اورپھر الزام لگائو ۔یہ تودرست ہے کہ میرے ہاتھ سے ایک آدمی ماراگیا لیکن سوال یہ نہیں کہ آدمی ماراگیایانہیں ۔سوال یہ ہے کہ آیامیرااسے مارنے کا ارادہ تھایانہیں ۔اگرحالات سے یہ ظاہرہوتاہے کہ یہ واقعہ ایساتھا جس میں فوری مدد کی ضرورت تھی ۔توایسی حالت میں اگرمیں نے اپنی قوم کے ایک مظلوم فرد کی مدد کی توگو اتفاقی طورپر ایک آدمی مربھی گیا۔لیکن پھر بھی میں قصوروار کس طرح ہوا۔میراقصور توتب ہوتا جب میں جانتے بوجھتے ہوئے محض قتل کرنے کی نیت سے اسپر حملہ کرتا ۔مگر جبکہ میراارادہ اسے قتل کرنے کا تھا ہی نہیں تواگر نادانستہ طور پر ایک آدمی مرگیا تویہ بات مجھے مجرم بنانے والی کس طرح ہوگئی ۔مگر بہرحال چونکہ میں نے ایک مظلوم قوم کے فرد کی حمایت کی تھی ۔اورحاکم قوم کاایک فردماراگیا تھااس لئے مجھے ڈرپیداہواکہ میرے معاملہ میں انصاف سے کام نہیں لیاجائے گااورمجھے سزادینے کی کوشش کی جائے گی ۔چنانچہ میں تمہارے ملک کوچھوڑ کرمار گیا مگر میرے رب نے جو میرے دلی خیالات کوجانتاتھا ۔مجھے بر ی قرار دیا اورمجھے شریعت عطافرمائی اورمجھے اپنارسول بناکرکھڑاکردیا ۔باقی رہاوہ احسان جو توجتارہاہے کہ ہم نے تجھے پالا ۔سوکیا یہ احسان اس جرم کے مقابلہ میں کچھ بھی حقیقت رکھتاہے کہ تم نے اپنے باپ رعمیس ثانی کے زمانہ سے سارے بنی اسرائیل کو اپنی غلامی میں جکڑ رکھا ہے اورتم انہیں بے کار میں پکڑ کر ان سے بڑے بڑے مشقت طلب کام لیتے ہو ۔ اوران پرایسے ایسے مظالم ڈھاتے ہو جونہایت شرمناک ہیں اگر اتنے لمبے عرصہ تک ایک قوم کے مردوںاورعورتوںاور بچوںسے ظالمانہ خدمت لینے کے بعد ایک قوم کا ایک بچہ تم نے پال دیا توکیا غضب کیا ۔
یہ امر یاد رکھنا چاہیئے کہ حضرت موسیٓ علیہ السلام کو جس فرعون پالا تھا اُس کا نا م رعمیسؔ تھا ۔ مگر دعوی نبوت کے بعد حضرت موسیٰ علیہ السلام کو جس فرعون کے پا س جانا پڑا وہ اُس کا بیٹا منفتاحؔ تھا۔ چونکہ وہ بچپن سے حضرت موسیٰ علیہ السلام کو اپنے گھروں میں پرورش پاتے دیکھتا رہا تھا اور جانتا تھا کہ اس کے باپ نے کس محبت کیساتھ موسیٰ کی پرورش کی اس لئے اس نے اپنے باپ کے اس سلوک کا ذکر کرتے ہوئے کہااَلَمْ نُرَبِّکَ فِیْنَا وَلِیْدًا کیا ہم نے تجھے اپنے گھروں میں نہیں پالا۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام نے اس کے جواب میں اُسی رعمیس ؔ کے مظالم کا ذکر شروع کردیا جو وہ اپنی زندگی میں بنی اسرائیل پر ڈھاتا رہا ۔یہاں تک کہ اس نے حکم دے دیا تھا کہ بنی اسرائیل کے ہاں جو بھی لڑکا پیدا ہو اُسے مار ڈالا جائے ۔ اور لڑکیوں کو زندہ رکھا جائے ۔رعمیس ؔ کے مرنے کے بعد اس کا بیٹا منفتاحؔ تخت نشین ہوا اور اُس نے بھی اپنے باپ کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے بنی اسرائیل پر عرصہ حیات تنگ کردیا ۔ آخر جب ان کی دردناک چیخ وپکا رنے عرشِ الٰہی کو ہلادیا تو اس نے ان اسیروں کی رستگاری کے لئے حضرت موسیٰ علیہ السلام کو مبعوث فرمایا اور انہیں حکم دیا کہ وہ فرعون کے پاس جائیں اور انہیں کہیں کہ وہ بنی اسرائیل کو آزاد کردے ۔ مگر بجائے اس کے کہ فرعون اس ظلم سے باز آتا اور بنی اسرائیل کی غلامی کی زنجیروں کو کاٹ دیتا اُس نے موسیؑـٰ پر طعنہ زنی شروع کردی کہ تُو تو ہمارے ٹکڑوں پر پلتا رہا ہے ۔اور اب تو ہی ہمیں وعظ و نصیحت کرنے کے لئے آگیا ہے ۔حضرت موسیٰ علیہ السلام نے کہا یہ سب کچھ درست ہے ۔ مگر کیا یہ اس ظلم کے جواز کی کوئی دلیل ہے جو بنی اسرائیل پر کیا جارہا ہے اگر مجھے پالا تو کیا اس کے نتیجہ میں تمہارے لئے یہ جائز ہوگیا کہ تم ساری قوم کو اپنی غلامی میں جکڑے رکھو ۔ اور خدا تعالیٰ کے ان بندوں کو جو تمہاری طرح اس دنیا میں آئے ذلّت اور بیچارگی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور کرو۔
قَالَ فِرْعَوْنُ وَمَا رَبُّ الْعٰلَمِیْنَ٭
اس پر فرعون نے (شرمندہ ہوکراور بات پھیرنے کے لئے ) کہا۔ یہ رب العالمین کون ہے؟(جس کی طرف سے آنا تم بیان کرتے ہو۔)
قَالَ رَبُّ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ وَمَا بَیْنَھُمَا۔ اِنْ کُنْتُمْ مُّوْقِنِیْنَ٭
(موسیٰؑ نے ) کہا آسمان اور زمین اور جوکچھ ان دونوں کے درمیان ہے ان کا ربّ ۔اگر تم میں یقین کرنے کی خواہش ہے ۔
قَالَ لِمَنْ حَوْلَہٓٗ اَلَا تَسْتَمِعُونَ٭
اس پر اس (فرعون) نے اپنے اردگرد کے لوگوں سے کہا۔ تم سُنتے نہیں (کہ موسیٰؑ کیا کہتاہے) (موسیٰؑ نے اپنے پہلے بیان کی تشریح کرتے ہوئے )جواب دیا۔
قَالَ رَبُّکُمْ وَرَبُّ اٰبَآ ئِکُمُ الْاَوَّلِیْنَ٭
وہی جو تمہارا بھی رب ہے ،اور تمہارے پہلے باپ دادوں کا بھی رب تھا ۔
قَالَ اِنَّ رَسُوْ لَکُمُ الَّذِیْٓ اُرْسِلَ اِلَیْکُمْ لَمَجْنُوْنٌ٭
(اس پر فرعون) بولا۔(اے لوگو!) تمہارا وہ رسول جو تمہاری طرف بھیجا گیا ہے ضرور پاگل ہے ۷؎
۷؎ تفسیر:۔حضرت موسیٰ علیہ السلام نے جب فرعون کویہ جواب دیا تو اس نے کھسیانے ہو کر کلام کا موضوع ہی بدل دیا۔اور کہنے لگا۔ اچھا ان باتوں کو جا نے دو ۔تم یہ بتائو کہ تم جو کہہ رہے ہو کہ میں رب العالمین خدا کی طرف سے رسول بن کر آیا ہوں تو یہ رب العالمین خدا کون ہے ؟ حضرت موسیٰ علیہ السلام نے کہا ۔رب العالمین وہ خدا ہے جو آسمان اور زمین اور جوکچھ ان دونوں کے درمیان ہے اُن کا ربّ ہے اگر تم یقین لانے والوں میں سے بنو۔ تو یہ دلیل تمہارے لئے بڑی کافی ہے ۔فرعون اپنے گردو بیش کے لوگوں سے کہنے لگا ۔سُنتے ہو یہ کیسی بیو قوفی کی باتیں کرتا ہے حضرت موسیٰ علیہ السلام نے کہا ۔اگر آسمان اورزمین کے بنانے والے کو تم نہیں سمجھ سکتے تو پھر یہی دلیل سمجھ لو کہ تمہاری اور تمہارے گذشتہ باپ دادوں کی بھی تو کسی نے پرورش کی تھی ۔وہ رب العالمین خدا ہے ۔ فرعون اس دلیل کی طاقت سے جھنجھلا اٹھا اور گالیوں پر اُتر آیا ۔ اور اپنے ساتھیوں سے کہنے لگا ۔ یہ شخص جو تمہاری طرف رسول ہو کر آنے کا دعویٰ کرتا ہے یقینا پاگل ہے۔ اس کا مطلب جیسا کہ سورئہ نازعات سے ظاہر ہے یہ تھا کہ اے فرعونیو ! تمہارا رب تو میں ہوں۔ یہ موسیٰؑ رب العالمین کہاں سے لے آیا ہے اور چونکہ میں اس کے سامنے اپنے خیالات کا اظہار کرچکا ہوں اور اس کے باوجود یہ اپنے عقیدے پر قائم رہا ہے اس لئے معلوم ہوتاہے کہ اس کے دماغ میں کچھ نقص ہے جو اپنے دعویٰ پر اس قدر اصرار کررہا ہے ۔ حقیقت یہ ہے کہ آج تک دنیامیں خدا تعالیٰ کا کوئی بھی نبی نہیں آیا جسے اس کے مخالفوں نے پاگل نہ کہاہوکیونکہ جس طرح مجنون انسان اپنی انتہائی طاقت استعمال کردیتا ہے اور اُسے اپنے انجام کی کوئی پرواہ نہیں ہوتی اسی طرح اللہ تعالیٰ کے انبیاء بھی ہر قسم کے ڈر اور خوف اور لالچ سے بے نیاز ہوکر اس طاقت کو پہنچاننا شروع کردیتے ہیں جو خدا تعالیٰ ان کے سپرد کی ہوتی ہے اور انہیں اپنے انجام کا کوئی خوف نہیں ہوتا ۔نادان انسان جو ان کی پشت پر اللہ تعالیٰ کا ہاتھ دیکھنے سے قاصر ہوتا ہے وہ انہیں جب اپنے مقصد کیلئے ایسے جوش سے کام کرتا دیکھتا ہے جو بظاہر عقل کے خلاف ہوتا ہے تو انہیں پاگل کہنا شروع کردیتا ہے ۔
علم النفس کے ماہرین نے بھی جنون کی مختلف کیفیات پر بحث کرتے ہوئے لکھا ہے کہ جب جنون پیدا ہوتا ہے تو انسان اپنے گردو بیش کے تمام حالات کو بھلا دیتا ہے اور اپنے کام کے متعلق اس میں اس قدر انہماک پیدا ہوجاتا ہے کہ وہ کسی دوسری چیز کی پرواہ ہی نہیں کرتا ۔مجھے یاد ہے حضرت خلیفئہ اول رضی اللہ عنہ کے زمانہ میں ایک عورت جو اُستانی تھی پاگل ہوگئی ۔درمیان میںکبھی کبھی اس کی حالت درست بھی ہوجایاکرتی تھی ۔ایک دفعہ عورتوں میں درس ہورہاتھا اور وہ بھی درس میں شامل تھی کہ یکدم اس عورت کو جنون کا دورہ ہوا اور کھڑکی میں سے کود کر نیچے گرنے لگی ۔ حضرت خلیفئہ اول رضی اللہ عنہ نے اُٹھ کر اسے پکڑ لیا ۔یہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی وفات کے دوچار ماہ بعد کا واقعہ ہے جبکہ ابھی حضرت خلیفہ اول رضی اللہ عنہ گھوڑے سے نہیں گرے تھے ۔ اور آپ میں اتنی طاقت تھی کہ بعض دفعہ آپ اپنا ہاتھ بڑھا کر فرمایا کرتے تھے کہ کوئی اسے ٹیڑھا کرکے دکھادے ۔آپ نے اٹھ کر اس عورت کوپکڑ لیا ۔ لیکن باوجود سارا زور لگانے کے وہ دُبلی پتلی عورت آپ کے ہاتھو ں سے نکلی جاتی تھی۔ اس پر آپ نے عورتوں کو آواز دی کہ یہ تو گرنے لگی ہے میری مدد کیلئے آئو۔ پھرپانچ سات عورتوں نے آپ کے ساتھ مل کر اسے باندھا حالانکہ عقل اور ہوش کے زمانہ میں اس کو سترہ اٹھارہ سال کا بچہ بھی پکڑ سکتا تھا۔ اس وجہ یہی ہے کہ عقلمند انسان سمجھتاہے کہ اگر ایک خاص حد سے زیادہ اُس نے اپنی طاقتوں کو استعمال کیا تو اُسے نقصان پہنچے گا لیکن پاگل کا دماغ اُسے حد سے زیادہ طاقت خرچ کرنے سے نہیں روکتا ۔یہی وجہ ہے کہ پاگلوں میں بہت زیادہ طاقت آجاتی ہے اور ایک ایک پاگل کو آٹھ آٹھ دس دس آدمی مل کر پکڑتے ہیں ۔تب وہ قابو میں رہتاہے پس چونکہ پاگلوں میں یہ خصوصیت پائی جاتی ہے کہ وہ بسااوقات ایسے جوش سے کام کرتے ہیں جو عقل کے خلاف ہوتا ہے ۔ اس لئے جب لوگ اللہ تعالیٰ کے نبیوںکو دیکھتے ہیں کہ وہ زمانہ کی رو کے بالکل خلاف آواز اٹھا رہے ہیںاور اپنے مقصد کو پورا کرنے کے لئے انہیں کسی قسم کی ہلاکت اور اور تباہی کی پرواہ نہیں تو وہ کہتے ہیںیہ لوگ پاگل ہیں اگر عقلمند ہوتے تو رائے عامہ کے خلاف اپنی آواز کیوںبلند کرتے ۔ چنانچہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم جب مبعوث ہوئے اور آپؐ نے مکہ والوں کے سامنے یہ بات پیش کی کہ ایک خدا کی پرستش کرو تو عرب کے لوگ جولاتؔ اور مناۃؔ اور عزّیٰؔ کے پرستا رتھے ان کے لئے یہ بات حیرت کا موجب ہوئی اور انہوں نے یہ کہنا شروع کردیا کہ یہ شخص تو پاگل ہے جواتنے خدائوں کو ایک خدا قراردے رہاہے ۔خدا تو کئی ہیں مگر یہ شخص کہتا ہے کہ صرف ایک ہی خدا ہے ۔پس ان کی نگاہ میں آپ کی یہ بات نعوذباللہ ایک پاگلانہ بڑ سے زیادہ کوئی حیثیت نہیں رکھتی تھی۔
پھر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو دنیا اس لئے بھی پاگل کہتی کہ آپؐ فرماتے تھے ۔ شراب نہ پیو۔جُوا نہ کھیلو ۔اوردوسروں کے مال نہ لوٹو۔ عرب کے لوگ کہتے تھے ۔ یہ کیسا آدمی ہے جو شراب سے منع کرتا ہے جو زندگی کا سرور ہے اورجُوآ کھیلنے اور مال لوٹنے سے منع کرتا ہے جو ایک فائدہ مند کام ہے ۔اس کی یہ باتیں تو پاگلوں والی باتیں ہیں۔ اسی طرح وہ کہا کرتے کہ محمد رسول اللہ کو کیا ہوگیا ہے کہ ہمیں یہ تعلیم دیتا ہے کہ تم اپنی زندگیوں کو بنی نوع انسان کی خدمت میں لگا دو ۔اپنے مالوںکو خدا کی راہ میں خرچ کروتو تمہیں ثواب ملے گا ۔ یہ تو پاگلوں والی بات ہے۔
حضرت شعیبؑ جب لوگوں سے کہتے کہ تم دوسروں کا مال نہ لوٹو۔ اپنے مال کو ناجائز کاموں میں صرف نہ کرو ۔ تو آپ کی باتوں سے آپ کی قوم حیران ہوتی تھی اور کہتی تھی کہ شعیب پاگل ہوگیا ہے ۔ اور دیوانوں کی سی باتیں کرتا ہے ۔
اس زمانہ میں بھی ہم دیکھتے ہیں کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کو لوگوں نے پاگل کہا۔جب آپ نے وفات مسیح کا مسئلہ دنیا کے سامنے پیش کیا تو مسلمان سمجھ ہی نہ سکے کہ جب ۱۳۰۰سال سے یہ مسئلہ امت محمدیہ کے اکابر پیش کرتے چلے آرہے ہیں کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام آسمان پر زندہ ہیں تو وہ فوت کس طرح ہوگئے ۔ لوگوں اس مسئلہ کے متعلق جس قدر یقین اور وثوق تھا وہ اس واقعہ سے اچھی طرح معلوم ہوسکتا ہے کہ پنجاب کے ایک مشہور طبیب جن کی طبی عظمت کے حضرت خلیفہ اول رضی اللہ عنہ جسے طبیب بھی قائل تھے۔اورجن کانام حکیم اللہ دین تھا اوربھیرہ کے رہنے والے تھے ایک دفعہ ان کے پاس مولوی فضل دین صاحب بھیروی جو حضرت خلیفہ اول رضی اللہ عنہ کے گہرے دوست اورنہایت مخلص احمد ی تھے گئے ۔اورانہیںکچھ تبلیغ کی ۔وہ باتیں سن کرکہنے لگے۔میاں تم مجھے تبلیغ کرتے ہو تم بھلاجانتے ہی کیا ہو اورمجھے تم نے کیا سمجھاناہے مرزاصاحب کے متعلق توجومجھے عقیدت ہے اس کادسواں بلکہ بیسواں حصہ بھی تمہیں ان سے عقید ت نہیں ہوگی ۔مولوی فضل دین صاحب یہ سن کر بہت خو ش ہوئے اورانہوں نے سمجھا کہ شاید یہ دل میں احمدی ہیں۔اس لئے انہوں نے کہا ۔ا س بات کو سن کر مجھے بڑی خوشی ہوئی ہے کہ آپ کو حضرت مرزاصاحب سے عقیدت ہے اورمیں خوش ہوں گااگر آپ کے خیالات سلسلہ کے متعلق کچھ اَوربھی سنوں ۔وہ کہنے لگے۔ آجکل کے جاہل نوجوان بات کی تہ تک نہیں پہنچتے اوریونہی تبلیغ کرنے کے لئے دوڑ پڑتے ہیں ۔اب تم آگئے ہو مجھے وفات مسیح کامسئلہ سمجھانے۔حالانکہ تمہیں معلوم ہی کیا ہے کہ مرزاصاحب کی اس مسئلہ کو پیش کرنے میں کیا حکمت ہے؟ وہ کہنے لگے ۔آپ ہی فرمائیے۔انہوں نے کہا سنو!اصل بات یہ ہے کہ مرزاصاحب نے براہین احمدیہ کتاب لکھی ۔تیرہ سوسال میں بھلا کوئی مسلمان کابچہ تھا جس نے ایسی کتا ب لکھی ہو ۔ مرزاصاحب نے ا س میں ایسے ایسے علوم بھر دیئے کہ کسی مسلمان کی کوئی کتا ب اس کا مقابلہ نہیں کرسکتی وہ اسلام کے لئے ایک دیوار تھی جس نے اسے دوسرے مذاہب کے حملوں سے بچالیا ۔لیکن مولوی ایسے احمق اوربے وقوف نکلے کہ بجائے اس کے کہ وہ آپ کا شکریہ اداکرتے اورزانوئے ادب تہ کرکے آپ سے کہتے کہ آئندہ ہم آپ کے بتائے ہوئے دلائل ہی استعمال کیا کریں گے انہوں نے اُلٹا آپ پر کفر کافتویٰ لگادیا اوراسلام کی اتنی عظیم الشان خدمت دیکھنے کے باوجود جو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد تیرہ سوسال میں اَور کسی نے نہ کی آپ کے خلاف کفر کے فتوے دینے لگے اور اپنی علمیّت جتانے لگ گئے ۔اورسمجھنے لگے کہ ہم بڑے آدمی ہیں ۔اس پر مرزاصاحب کو غصہ آنا چاہیئے تھا اورآیا ۔چنانچہ انہوں نے مولویوں سے کہا ۔اچھاتم تم بڑے عالم بنے پھر تے ہو اگر تمہیں اپنی علمیت پر ایساہی گھمنڈ ہے تودیکھ لو کہ حیات مسیح کاعقیدہ قرآن کریم سے اتنا ثابت ہے کہ اس کے خلاف حضرت مسیح کی وفات ثابت کرنا ناممکن نظر آتاہے ۔لیکن میں قرآن ہی سے حضرت مسیح کی وفات ثابت کرکے دکھاتاہوں۔اگر تم میں ہمت ہے تو اس کاردّکرو۔چنانچہ انہوں نے مولویوںکوان کی بیوقوفی جتانے کے لئے وفات مسیح کامسئلہ پیش کردیا اورقرآن سے اس کے متعلق ثبوت دینے لگ گئے ۔اب مولوی چاہے سارازور لگالیں ۔چاہے ان کی زبانیں گھِس جائیں اورقلمیں ٹوٹ جائیں۔سارے ہندوستان کے مولو ی مل کربھی مرزاصاحب کے دلائل کامقابلہ نہیں کرسکتے ۔مرزاصاحب نے انہیں ایساپکڑاہے کہ ان میں سر اٹھانے کی تاب نہیں رہی ۔اب اس کا ایک ہی علاج ہے اوروہ یہ کہ سارے مولوی مل کر ایک وفد کی صورت میں حضرت مرزاصاحب کے پاس جائیں اور ان سے کہیں کہ ہم سے آپ پر کفرکا فتویٰ لگانے میں بے ادبی ہوگئی ہے ۔ہمیں معاف کیاجائے ۔پھر دیکھ لیں مرزاصاحب قرآن ہی سے حیات مسیح ثابت کرکے دکھاتے ہیں یانہیں؟
اس سے انداز ہ لگایا جاسکتاہے کہ اس وقت حیات مسیح کاعقیدہ کتنا یقینی سجھاجاتاتھا ۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام پر اعتبار اوراعتماد رکھتے ہوئے آ پ کو اسلام کا سب سے بڑاخادم سمجھتے ہوئے پھر بھی ان کا ذہن اس طرف نہیں جاتاتھاکہ حضرت مسیح فوت ہوگئے ہیںبلکہ وہ کہتے تھے کہ یہ محض مولویوں کو شرمندہ کرنے کیلئے کہتے ہیںورنہ حیاتِ مسیح کا مسئلہ تو ایک ثابت شدہ حقیقت ہے ۔ جب آپ پر اعتماد رکھنے اور آپ کواسلام کا سب سے بڑاخادم سمجھنے والوں کی یہ کیفیت تھی تو دوسرے لوگ جو آپ کو اسلام کا دشمن قرار دیتے تھے وہ اس مسئلہ کی وجہ سے اگر آپ کو پاگل نہ کہتے تو کیا کہتے ۔ اسی طرح جب حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے دنیا کے سامنے یہ نظریہ پیش کیا کہ اب جہاد کی شکل بدل گئی ہے اب لٹریچر اور تبلیغ کے ذریعہ اسلام پھیلانے کا زمانہ ہے تو مسلمان حیران ہوئے کہ کیا اس طرح اسلام دنیا پر غالب آسکتا ہے ۔اُن کے نزدیک تو ترقی کا صرف یہی ایک ذریعہ تھا کہ غیر مسلموں کو قتل کردیا جائے ۔پس جب انہوں نے سُنا کہ ایک شخص یہ کہہ رہا ہے کہ اسلامؔ کی ترقی غیر مسلموں کو قتل کرنے سے نہیں بلکہ اپنی جانوں کو اسلام کی راہ میں قربان کرنے سے وابستہ ہے تو انہوں نے کہنا شروع کردیا کہ مرزا صاحب پاگل ہیں جو ایسے خلاف عقل مسائل دنیا کے سامنے پیش کررہے ہیں یہی حربہ فرعون نے بھی استعمال کیا ۔اور جب اس نے دیکھا کہ وہ دلائل کے میدان میں پورا نہیں اتر رہا تو اُس نے کہا یہ تو پاگل ہے جو ایسی احمقانہ باتیں کررہا ہے۔
قَالَ رَبُّ الْمَشْرِقِ وَالْمَغْرِبِ وَمَا بَیْنَھُمَا۔اِنْ کُنْتُمْ تَعْقِلُوْنَ٭
(موسیٰ نے سمجھ لیا کہ وہ بات ٹلانہ چاہتاہے اور)کہا(رب العالمین )وہی ہے جو مشرق کا بھی رب ہے اور مغرب کا بھی (رب ہے) اور جو کچھ ان کے درمیان ہے ،(ان کا بھی رب ہے ) بشرطیکہ تم عقل سے کام لو۔
قَالَ لَئِنِ اتَّخَذْتَ اِلٰھاً غَیْرِیْ لَاَ جْعَلَنَّکَ مِنَ الْمَسْجُوْنِیْنَ٭
(اس پر فرعون نے طیش میں آکر )کہااگر میرے سوا تو نے کوئی اور معبود بنایا تو میں تجھے قید کردوں گا ۔
قَالَ اَوَلَوْ جِئْتُکَ بِشَیْئٍ مُّبِیْنٍ٭
اُس (یعنی موسیٰ )نے کہا۔کیا اُس صور ت میں بھی کہ میں کوئی (حقیقتِ حال کو ) کھول دینے والی چیز تیرے پاس لے آئو (یعنی معجزہ)
قَالَ فَاْتِ بِہٖٓ اِنْ کُنْتَ مِنَ الصّٰدِقِیْنَ٭
اس پر اُس (یعنی فرعون )نے کہا۔ اگر تو سچا ہے تو لے بھی آ۔
فَاَ لْقٰی عَصَاہُ فَاِذَاھِیَ ثُعبَانٌ مُّبِیْنٌ٭
پس اُس (یعنی موسیٰ) نے اپنا عصازمین پر دھر دیا تو اچانک (اہلِ فرعون نے دیکھاکہ ) وہ ایک صاف صا ف نظر آنے والا اژدہاہے
وَّ نَذَعَ یَدَہٗ فَاِذَاھِیَ بَیْضَآئُ لِلنّٰظِرِیْنَ٭
اور اُس نے اپنا ہاتھ (اپنی بغل سے ) نکالا تو سب دیکھنے والوں نے اچانک دیکھا کہ وہ بالکل سفید ہے ۸؎
۸؎ لغات:۔ثُعْبَانٌ: حِذْبٌ مِّنَ الْحَیَّاتِ طِوَالٌ ۔یعنی ثُعْبَانٌ سانپوں کی اقسام میں سے ایک قسم کا سانپ ہوتا ہے جو خاصا لمبا ہوتا ہے (اقرب)
نَذَعَ: نَذَعَ یَدَہٗ کے معنے ہیں اَجْرَجَھَا مِنْ جَیْبِہٖ ہاتھ کو اپنے گریبان سے نکالا (اقرب)
تفسیر :۔ فرعون نے جب حضرت موسیٰ علیہ السلام کو مجنون کہا تو آپ سمجھ گئے کہ اب یہ مجھے اصل موضوع سے دوسری طرف پھیرنا چاہتاہے اور اس کی خواہش ہے کہ اس وقت اللہ تعالیٰ کی ربوبیّت عالمین پر جو گفتگو شروع ہے وہ ذاتیا ت میں الجھ کر رہ جائے اور میں اس مضمون کو ترک کرکے اس امر پر بحث شروع کردوں کہ مجھے مجنون کیوں کہاگیا ہے ۔میرے اندر تو کوئی جنون والی بات نہیں پائی جاتی ۔ پس آپ نے مناسب سمجھا کہ اُس کی اس گالی کا اُسے کوئی جواب نہ دیںاور اصل موضوع کو جاری رکھیں۔ چنانچہ آپ نے فرمایا ۔رب العالمین خدا وہ ہے جو مشرق کا بھی رب ہے اور مغرب کا بھی رب ہے اور جو کچھ ان دونوں کے درمیان ہے ان کا بھی رب ہے۔یعنی تُو تو صرف مصریوں کا رب ہونے کا دعویدار ہے حالانکہ کہ مصر کی دنیا کے مقابلہ میں حیثیت ہی کیا ہے ۔مشرق ومغرب میں سینکڑوں ملک مصر سے کئی کئی گُنا بڑے موجود ہے اگر یہ مان بھی لیا جائے کہ فرعون مصر والوں کو پال رہا ہے تو وہ لوگ جو مشرق اور مغرب اور ان کے درمیان رہتے ہیں ان کو کون پالتا ہے باہر حال جو ساری دنیا کو پالتا ہے وہی رب العالمین ہے ۔ فرعون رب العالمین نہیں ہوسکتا ۔کیونکہ وہ خدا اپنے آپ کو مصریوں اور قبطیوں کاخدا کہتا ہے ۔اس پر فرعون کے غصہ کا پارہ بہت ہی چڑھ گیا اور موسیٰ سے کہنے لگا کہ یا تو سیدھی طرح مجھے خدا قرار دو ورنہ میں تجھے قید کردوں گا۔ اور پھر تجھے پتا لگے گا کہ تیری اس گستاخی کی کیا سزا ہے ۔ مگر اللہ تعالیٰ کی شان دیکھو کہ وہی جو موسیٰؑ کو آہنی سلاخوں کے پیچھے قید کرنا چاہتاتھا خدا تعالیٰ نے اسے بحیرئہ قلزم کی طوفانی موجوں میں ایسا قید کیا کہ وہ اپنے تمام لائو لشکر اور مددگاروں کے باوجود اس قید سے رہا نہ ہوسکا ۔ جب اُس نے قید کرنے کی دھمکی دی ۔ تو حضرت موسیٰ علیہ السلام نے کہا کہ کیا اگر میں کوئی ایسی دلیل لائوں جو میری بات کو بالکل واضح کردے تو کیا تو پھر بھی تم قید کرو گے ؟فرعون نے اپنے دل میں سوچا کہ چلو اس وقت تو بحث سے جان چھوٹی آئندہ دیکھا جائے گا اور کہنے لگا کہ اگر تم سچے ہو تو ایسی دلیل پیش کرو۔ اس پر موسیٰؑ نے اپنے سونٹا زمین پر ڈال دیا تو لوگوں کو اچانک یہ نظر آنے لگا کہ وہ ایک اژدھا ہے جو صاف صاف نظر آرہا ہے ۔اس کے بعد موسیٰؑ نے اپنے پہلو سے اپنا ہاتھ نکالا۔ تو وہ دیکھنے والوں کو چمکتا ہوا نظر آنے لگا۔
اس جگہ یاد رکھنا چاہئیے کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام کے سونٹے کا سانپ بن جانا اور آپ کے ہاتھ کا لوگوں کو چمکتا ہوا نظر آنا درحقیقت ایک کشفی نظارہ تھا جو اللہ تعالیٰ نے فرعون اور اس کے ساتھیوں کو بھی دیکھا دیا ۔اور رئویا کشوف کے متعلق یہ ایک مسلّمہ حقیقت ہے جس کی انبیاء اور اولیاء کی تاریخ میں کثر ت سے مثالیں پائی جاتی ہیں کہ بعض دفعہ کشفی نظارے ایسے وسیع کردیئے جاتے ہیں کہ وہ دوسروں کوبھی نظر آنے لگ جاتے ہیں ۔چنانچہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے زما نہ میں انشقاقِ قمر کو جو معجزہ ظاہر ہو اوہ بھی ایک کشفی نظارہ تھا جو وسیع کردیا گیا ۔اور نہ صرف مکہ کے کچھ لوگوں کو نظرآیا ۱؎ ۔بلکہ جیسا کہ تاریخ سے ثابت ہے ہندوستان کے ایک راجہ کو بھی
۱؎ ۔بخاری جلد۲۔کتاب التفسیر باب قولہ دانشق القمر ۔
نظر آگیا اور وہ مسلمان ہوگیا (تاریخ فرشتہ اُردوجلد ۲صفحہ ۴۹۱مقالہ ۱۱)
مفسرین نے چونکہ اس حقیقت کو نہیں سمجھا اس لئے ان کا ذہن اس طرف چلا گیا کہ چاند واقعہ میں جسمانی طور پر پھٹ کردو ٹکڑے ہوگیا تھا حالانکہ جس طرح حضرت موسیٰ علیہ السلام کا سونٹا تھا تو سونٹا ہی مگر فرعون اور اس کے درباریوں کو وہ ایک اژدہا کی شکل دکھایا گیا ۔اس طرح چاند تو اپنی جگہ پر ہی رہا تھا مگر کشف میں یہ دیکھایا گیا کہ وہ پھٹ گیا ہے ۔ اور جس طرح ہر خواب اور کشف تعبیر طلب ہوتا ہے اسی طرح اس کشف کی بھی یہ تعبیر تھی کہ محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعہ جو تغیر رونماہونے والاہے اُس کا وقت اب آچکا ہے اور کفا رکی حکومت عرب سے مٹ جائے گی ۔ چنانچہ اس کیطرف اللہ تعالیٰ نے اشارہ کرتے ہوئے فرمایاکہ اِقْتَرَبَتِ السَّاعَۃُوَانْشَقَّ الْقَمَرُ(سورئہ قمر آیت ۲)یعنی عرب کی تباہی قریب آگئی ہے اور اُس کا ثبوت یہ ہے کہ چاند پھٹ گیا ہے اس سے صاف معلوم ہوتا ہے کہ ساعت کے قریب آنے اور چاند کے پھٹنے میںتعلق تھا ۔مگر ظاہر طور پر چاند کے پھٹنے کا ساعت سے کیا تعلق ہوسکتا ہے ۔اگر ساعت سے ان کا تعلق ہوتا تو تیرہ سو سال کا عرصہ گذرچکا ہے اور قیامت ابھی تک آئی نہیں حالانکہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے ۔ ساعت قریب آگئی ہے اورا سکی علامت یہ ہے کہ چاند پھٹ گیا ہے پس معلوم ہوا کہ شقؔ کے جو معنے عام طور پرکئے جاتے ہیںوہ بھی غلط ہے اور جو ساعت کے معنے لئے جاتے ہیں وہ بھی درست نہیں۔دراصل قرآن کریم میں انبیاء کی بعثت اوران کی ترقی اور غلبہ کے زمانہ کو ساعت کہاجاتا ہے۔ اس لحاظ سے اس آیت کے یہ معنے ہیں کہ محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعہ جو ساعت آنی تھی اور آپ کے ذریعہ جو تغیر رونما ہونا تھا اس کا وقت اب آگیا ہے اورا س کی علامت یہ ہے کہ چاند پھٹ گیا ہے ۔یہ علامت اس لئے بتائی گئی کہ عربوں میں قمر سے مراد عرب کی حکومت ہوا کرتی تھی ۔چنانچہ حضرت صفیہؓ جو ایک یہودی سردار کی بیٹی تھیں اور بعد میں رسو ل کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ازواجِ مطہرات میں داخل ہوئیں۔انہوں نے ایک دفعہ خواب میں دیکھا کہ ان کی گو د میںچاند آگرا ہے ۔وہ کہتی ہیں جب میں نے اپنے باپ کو یہ خواب سُنائی تو اُس نے میرے منہ پر زور سے تھپڑ مارا اور کہا کہ کیا تو عرب کے بادشاہ سے شادی کرنا چاہتی ہے ۱؎۔اس لئے پتہ لگتا ہے کہ عرب کے لوگ قمر سے مراد عرب کی حکومت لیتے تھے ۔
پس جب رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو کشفی طور پر یہ نظارہ دیکھا یا کہ چاند پھٹ کر دو ٹکڑے ہوگیا ہے ۔ تو اس کا مطلب یہ ہے کہ اب کفارِ عرب کی تباہی کا وقت آ پہنچا ہے چونکہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ ؐکے صحابہ پر ایک لمبے عرصے سے مظالم ڈھائے جا رہے تھے ۔ اس لئے اللہ تعالیٰ نے آپ کو بشارت دی کہ اب اسلام کی ترقی کا زمانہ آگیا ہے ۔اور یہ نظارہ نہ صرف آپ کو دیکھایا گیا بلکہ کفار کو بھی اس نظارہ میں شامل کرلیاگیا ۔تاکہ وہ بھی اس بات کو سمجھ لیں کہ اب کفر کے مٹنے کے دن آگئے ہیں اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم واقعہ میں خدا تعالیٰ کے سچے رسول ہیں۔
حضرت مسیح موعودعلیہ الصلوٰۃ والسلام نے اپنی کتاب ’’سُرمہ چشم آریہ‘‘ میں اس معجزہ پر تفصیلی بحث کرتے ہوئے رئویا کشوف کے دائرہ کی اس وسعت کو تسلیم کیا ہے اور تحریر فرمایا ہے کہ
’’یہ بھی ممکن ہے کہ نبی کی قوت قدسیہ کے اثر سے دیکھنے والوں کی کشفی آنکھیں عطا کی گئی ہوں ۔اور جو انشقاق قرب قیامت میں پیش
۱؎ ۔اصابہ
آنے والا ہے اُس کی صورت ان کی آنکھوں کے سامنے لائی گئی ہو۔کیونکہ یہ بات محقق ہے کہ مقربین کی کشفی قوتیں اپنی شدت حد کی وجہ سے دوسروں پر بھی اثر ڈال دیتی ہیں ۔ اس کے نمونے اربات مکاشفات کے قصوں میں بہت پائے جاتے ہیں بعض اکابر نے اپنے وجود کو ایک وقت اورایک آن میں مختلف ملکوں اور مکانوں میں دکھلادیا ہے۔ باذن اللہ تعالیٰ‘‘ (سُرمہ چشم آریہ صفحہ۲۲۹,۲۳۰) اسی طرح فرماتے ہیں کہ :۔
’’صاحب کشف پر ایسے ایسے اسرار ظاہر ہوتے ہیں کہ ان کی کُنہہ کو سمجھنے میں بکلی عقل عاجز رہ جاتی ہے ۔بعض اوقات صاحبِ کشف صدہا کوسوں کے فاصلہ باوجود حائل ہونے بیشمار حجابوں کے ایک چیز کو صاف صاف دیکھ لیتاہے۔ بلکہ بعض اوقات عین بیداری میں باذنہٖ تعالیٰ اس کی آواز بھی سُن لیتا ہے اور اس سے زیادہ تر تعجب کی بات یہ ہے کہ بعض اوقات وہ شخص بھی اس کی آواز سُن لیتا ہے جس کی صورت اس پر منکشف ہوتی ہے ۔بعض اوقات صاحب کشف اپنے عالم کشف میں جو بیداری سے نہایت مشابہ ہے ارواح گذشتہ سے ملاقات کرتا ہے اور عام طور پر ہر یک نیک بخت روح یابدبخت روح کے ساتھ کشفِ قبور کے طور پر ہو سکتی ہے ۔ چنانچہ خود اس میں مولّف رسالہ ہذا صاحبِ تجربہ ہے اور یہ امر ہندوئوں کے مسئلہ تناسخ کی بیخ کنی کرنے والا ہے اور سب سے تعجب کا یہ مقام ہے کہ بعض اوقات صاحبِ کشف اپنی توجہ اور قوت تاثر سے ایک دوسرے شخص پر باوجود صدہا کوسوں کے فاصلہ کے باذنہٖ تعالیٰ عالم بیدار ی میں ظاہر ہوجاتا ہے حالانکہ اس کا وجود عنصری اپنے مقام سے جنبش نہیں کرتا ۔اور عقل کے زور سے ایک چیز کا دوجگہ ہونا محال ہے ۔سودہ محال اس عالمِ ثالث میںممکن الوقوع ہوجاتا ہے۔‘‘ (حاشیہ سُرمہ چشم آریہ صفحہ ۱۳۰)
اسی طرح رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو بعض اور بھی اسیے کشوف ہوئے ہیں جن میں اللہ تعالیٰ نے دوسروں کوبھی شریک کرلیا ۔ مثلاً
حدیثوں میں آتا ہے کہ ایک دفعہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مجلس میں تشریف رکھتے تھے کہ ایک اجنبی شخص جس پر سفر کے کوئی آثار معلوم نہیں ہوتے تھے آیا۔اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے دوزانو ہو کر بیٹھ گیا ۔اور پھر اُس نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے دریافت کیا کہ یارسول اللہ ایمانؔ کی کیا تعریف ہے؟اسلامؔ کے کون کون سے ارکان ہیں ؟ احسان ؔکس مقام کا نام ہے؟ قیامتؔ کی کیا نشانیاں ہیں ؟رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم اس کے ہر سوال کا جواب دیتے رہے۔ جب وہ چلا گیا تو آپ نے صحابہ سے فرمایا کہ یہ جبریلؔ تھا جو تمہیں دینی مسائل سکھانے کیلئے آیا تھا ۔(ترمذی جلد۲۔ابواب الایمان )اب یہ بھی ایک کشف تھا جس کے دائرہکو اتنا وسیع کردیا گیا کہ صحابہؓ نے بھی جبریل ؔ کو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے باتیں کرتے دیکھ لیا۔
اِسی طرح جنگِ بدر کے موقعہ پر اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کی تائید کیلئے جو ملائکہ نازل فرمائے ۔وہ کشفی حالت میں جہاں بعض صحابہؓ کو دکھائی دیئے وہاں کفار نے بھی اُن کو دیکھا اور پھر انہوں نے اپنی مجالس میں بھی اس کا حیرت کیساتھ ذکر کیا ۔
(تفسیر ابن جریر جلد۴صفحہ ۴۸وتفسیر فتح البیان جلد۲ صفحہ ۱۰۳)
اسی طرح رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم جب بچپن میں اپنی دائی حلیمہ کے ہاں پرورش پا رہے تھے تو روایات میں ذکر آتا ہے کہ آپ کا ایک رضائی بھائی ایک دن دوڑتا ہوا اپنے والدین کے پاس آیا اور اس نے کہا کہ ہمارے بھائی (یعنی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ) پر کسی نے حملہ کردیا ہے ۔حلیمہ جلدی سے باہر گئیں تو انہوں نے دیکھا کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم بیٹھے ہوئے ہیں ۔حلیمہ نے دریافت کیا کہ کیا ہوا تھا ؟آپؐ نے فرمایا ۔ابھی تین آدمی آئے تھے ۔جنہوں نے میرا سینہ چیرا اور میرے دل کودھوکر اندر رکھ دیا اور پھر چلے گئے اب یہ بھی ایک کشفی نظارہ تھا ۔جو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے دیکھا ۔ اور حلیمہ کے بیٹے نے بھی اس نظارے کو دیکھ لیا ورنہ خدا تعالیٰ کے ملائکہ کسی کے دل کی صفائی کے لئے ظاہری چیرپھاڑ کے محتاج نہیں ہوتے ۔اسی طرح حضرت میمونہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ ایک رات مدینہ میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم میرے ہاں سورہے تھے ۔ جب آپؐ تہجد کے لئے اٹھے اور وضو فرمانے لگے تو مجھے آواز آئی کہ آپؐ فرمارہے ہیںلَبَّیْکَ۔لَبَّیْکَ۔ لَبَّیْکَ۔ اس کے بعد آپؐ نے فرمایا ۔ نُصِرْتَ۔نُصِرْتَ۔ نُصِرْتَ۔وہ کہتی ہیں۔جب آپ میرے پاس تشریف لائے تو میںنے کہا۔ یا رسول اللہ !کیا کوئی آدمی آیا تھا اور آپ اس سے بات کررہے تھے؟آپ نے فرمایا۔ہاں میرے سامنے کشفی طور پر خزاعہؔ کا ایک وفد پیش ہوا اور میں نے دیکھا کہ وہ شور مچاتے چلے آرہے ہیں کہ ہم محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو اُس کے خدا کی قسم دے کر کہتے ہیں کہ تیرے ساتھ اور تیرے باپ دادوں کے ساتھ ہم نے معاہدے کئے تھے اور ہم تیری مدد کرتے چلے آئے ہیں ۔ مگر قریش نے ہمارے ساتھ بد عہدی کی۔ اور رات کے وقت ہم پر حملہ کرکے جبکہ ہم میں سے کوئی سجدہ میںتھا اور کوئی رکوع میں ہم کو قتل کردیا ۔ اب ہم تیری مد د حاصل کرنے کے لئے آئے ہیں جب کشفی طور پر مجھے وہ وفد نظر آیا تو میں نے لَبَّیْکَ۔لَبَّیْکَ۔لَبَّیْکَ۔ میں تمہاری مدد کے لئے حاضر ہوں ۔ میں تمہاری مدد کیلئے حاضر ہوں میں تمہاری مدد کے لئے حاضر ہوں ۔ پھر میں نے کہا۔ نُصِرْتَ۔نُصِرْتَ۔نُصِرْتَ۔ تجھے مدد دی جائے گی ۔تجھے مدد دی جائے گی ۔تجھے مدد دی جائے گی ؟ا ب دیکھو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم ایک کشفی نظارہ دیکھ رہے ہیں اور کشفی حالت میں ہی آپ
لبّیک ۔لبّیک ۔لبّیک کہتے ہیں ۔ اورپھر تین دفعہ نُصِرْتَ ۔نُصِرْت۔نُصِرْت کہتے ہیں ۔اور یہ آواز حضرت میمونہ رضی اللہ عنہا بھی سن لیتی ہیں ۔ اور وہ آپ سے دریافت فرماتی ہیں کہ کیا کوئی آدمی تھا جس آپ باتیں کررہے تھے ۔اور آپؐ فرماتے ہیں ۔یہ ایک کشفی نظارہ تھا ۔یہ واقعہ بھی اس بات کا ثبوت ہے کہ کشفی حالت میں بعض دفعہ دوسرے لوگ بھی شریک کرلئے جاتے ہیں ۔ اب گو حضرت میمونہ ؓ نے وہ وفد نہیں دیکھا ۔مگر انہوں نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا وہ جواب سن لیا جو آپؐ نے کشفی حالت میں خزاعہؔ کے وفد کو دیا تھا ۔ اورپھر چند دن بعد ایسا ہی وقوع پذیر ہوگیا ۔
پھر یہ واقعات رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی میں ہی نہیں ہوئے بلکہ بعد میں بھی اللہ تعالیٰ ایسے نشانات ظاہر کرتا رہاہے۔ چنانچہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ ایک دفعہ خطبہ پڑھا رہے تھے کہ خطبہ پڑھاتے پڑھاتے آپ نے بلند آواز میں فرمایا۔ یا ساریۃ الجبلَ۔ اے ساریہ پہاڑ کے دامن میں پناہ لو۔ اور یہ فقرہ آپ نے دو تین مرتبہ دہرایا وہ لوگ جو خطبہ سن رہے تھے ۔ سخت حیران ہوئے کہ حضرت عمرؓ نے یہ کیا کہہ دیا ہے کہ عمرؓ پاگل ہوگیا ہے کہ اُس نے خطبہ پڑھتے پڑھتے یہ بے جوڑ بات کہہ دی کہ یا ساریۃ الجبل اے ساریہ تو پہاڑ کے دامن میں چلا جا۔جب لوگو ں میں یہ چہ میگوئیا ں ہونی شروع ہوئیں تو حضرت عبدالرحمن بن عوفؓ حضرت عمرؓ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور انہوں نے عرض کیا کہ لوگ آپ کے متعلق مختلف قسم کی باتیں کررہے ہیں اور وہ حیران ہیں کہ آپ نے آج خطبہ میں یہ کیا کہہ دیا کہ یا ساریۃ الجبل ۔ آپ نے فرمایا ۔ میں خطبہ پڑھ رہا تھا کہ کہ اچانک مجھ پر کشفی حالت طاری ہوئی اور عراق کی سرزمین میرے سامنے آگئی اور میںنے دیکھا کہ ساریہ جو اسلامی جرنیل ہے وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ دشمن فوج سے برسرِ پیکار ہے مگر دشمن فوج کا پلّہ بھاری ہے اور قریب ہے کہ اسلامی فوج شکست کھاجائے ۔ میں نے جب یہ نظارہ دیکھا تو چونکہ اُس وقت میدانِ جنگ کا سب نقشہ میری آنکھوں کے سامنے تھا ۔ میں بلند آواز سے ساریہ ؔسے کہا کہ اے ساریہ! پہاڑ کی طرف ہوجائو تاکہ تم دشمن کے حملہ سے بچ سکو ۔چند دن کے بعد میدانِ جنگ سے حضرت عمر ؓ کوساریہؔکا خطبہ پہنچا۔تواس میں لکھا تھا کہ جمعہ کے دن صبح کی نماز کے وقت ہماری دشمن سے مڈبھیڑ ہوئی ۔اور ہم اُن سے لڑتے چلے گئے یہاں تک کہ جمعہ کی نماز کا وقت آگیا ۔ اُس وقت اچانک ہمارے کانوں میں آپ کی آواز آئی کہ یاساریۃ الجبل یاساریۃ الجبل اور ہم فوراًمیدان چھوڑ کر پہاڑ کی طرف آگئے جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں فتح دی اور دشمن شکست کھاگیا (تاریخ الجمیس جلد ۲ صفحہ ۲۷۰،۲۷۱)
اب دیکھو اسلامی افواج مدینہ سے سینکڑوں میل دور ہیں ۔اور حضرت عمرؓ مدینہ میں بیٹھے ہیں۔ مگر جب آپ پر کشفی حالت طاری ہوئی تو نہ صرف آپ کی آواز کو اُن لوگوں نے سنا جو اُس وقت خطبہ میں شریک تھے بلکہ سینکڑوں میل دور عراق کی سرزمین میں ساریہ ؔ اور اُس کے سپاہیوں نے بھی سن لی اور انہوںنے فوراً اس کی تعمیل کی جس کے نتیجہ میں اسلامی فوج تباہی سے بچ گئی اور دشمن شکست رکھا گیا۔ یہ مثال اس حقیقت کو نہایت وضاحت سے ثابت کرتی ہے کہ بعض دفعہ کشوف کے دائرہ کو ایسا وسیع کردیا جاتا ہے کہ سینکڑوں میل دور رہنے والے بھی اس میں شامل ہوجاتے ہیں ۔
اسی طرح امت محمدیہ میں جو اولیاء گذرے ہیں ان میں سے ایک بزرگ کے متعلق لکھا کہ وہ ہر روز تہجد کے وقت اللہ تعالیٰ سے
دعائیں کیا کرتے تھے ایک رات جب کہ وہ دعا مانگ رہے تھے ان کا ایک مرید بھی ان کے پا س آ کر بیٹھ گیا ۔دعا کرنے کے بعد ان کو ایک الہام ہوا جو اس مرید نے بھی سن لیا مگر ادب کی وجہ سے وہ خاموش رہا دوسرے دن وہ پھر تہجد کے لئے اٹھے اور انہوں نے دعائیں کیں تو پھر ان پر وہی الہام نازل ہوا جو پہلے دن نازل ہوا تھا اور یہ الہام بھی ان کے مرید نے سن لیا مگر پھر بھی وہ خاموش رہا تیسرے دن وہ دعا کے لئے اٹھے اور نماز سے فارغ ہوئے تو پھر انہیں وہی الہام ہو ا جو ان کے مرید نے بھی سن لیا اور وہ کہنے لگا حضور میں برابرتین دن سے یہ دیکھ رہا ہوں کہ ہر روز آپ پر یہ الہام نازل ہوتاہے کہ میں تمہاری دعا قبول نہیںکروں گا مگر آپ برابر دعاکئے جاتے ہیں آپ کو تو چاہئیے کہ اب دعائیں کرنا چھوڑ دیں جب خدا تعالیٰ قبول کرنا نہیں چاہتا تو اتنا زور دینے کا کیا فائدہ ؟ انہوں نے کہا تو تو صرف تین دن یہ الہام سن کر گھبرا گیا ہے مجھے تو تیس سال سے برابر یہ الہام ہورہا ہے مگر میں اللہ تعالیٰ سے مایو س نہیں ہو ا کیوں کہ بندے کا کام دعا مانگتے چلے جانا ہے مایوس ہونا مومن کاکام نہیںلکھا ہے کہ دوسرے ہی دن اللہ تعالیٰ نے ان پر الہام نازل کیا کہ تم نے تیس سال کے عرصہ میںجس قدر بھی دعائیں کی تھیں وہ سب میں نے قبو ل کرلی ہیں انہو ں نے اپنے اس مرید کو بلایا اور کہا ۔دیکھو اگر میں تمہاری بات مان کر دعائیں کرنا ترک کردیتا تو میں اللہ تعالیٰ سے کتنے بڑے فضلوں سے محروم ہو جاتا۔اوراس وقت محروم ہوتا جب کہ میںکامیابی کے دروازے پر پہنچ چکا تھا۔ اب دیکھو ایک بزرگ کو الہام ہوتا ہے مگر اللہ تعالیٰ اس کے دائرہ کو اتنا وسیع کردیتا ہے کہ ان کا ایک مرید بھی الہام کی آواز سن لیتا ہے اور برابر تین دن تک سنتا رہتا ہے ۔
موجودہ زمانہ میں بھی ہم دیکھتے ہیں کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کو سرخی کے چھینٹوں والا کشف دیکھایا گیا ۔تو سرخی کے چھینٹے نہ صرف آپ کی قمیض پر پائے گئے بلکہ ایک قطرہ میاں عبداللہ صاحب سنوریؓکی ٹوپی پر بھی آگرا۔اور اسی طرح اللہ تعالیٰ نے اس نشان میں ان کو بھی شریک کرلیا۔ اسی طرح ایک دفعہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے زمانہ میںمجھے بتایا گیا کہ آج رات حضرت مسیح موعود علیہ السلام پر یہ الہام نازل ہوا ہے کہ اِنَّیْ مَعَ الْاَفْوَاجِ اٰتِیْکَ بَغْتَۃً۔صبح حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اشاعت کیلئے اپنے الہامات لکھ کر دیئے تواتفاقاً آپ کو یہ الہام لکھنا یاد نہ رہا ۔میں حضرت مسیح موعودعلیہ السلام سے کہا کہ مجھے تو آج رات ایک فرشتہ نے بتایا تھا کہ آپ کو یہ الہام ہوا ہے کہ اِنَّیْ مَعَ الْاَفْوَاجِ اٰتِیْکَ بَغْتَۃ مگر آپ نے جو الہامات لکھے ہیں ان میں اس کا کہیں ذکر نہیں ۔آپ نے فرمایا ۔ٹھیک ہے مجھے یہ الہام ہو اتھا۔ مگر لکھنا یاد نہیں رہا پھر آپ اندر سے اپنے الہامات کی کاپی اٹھا لائے اور مجھے فرمایا کہ دیکھو اس میں میں نے یہ الہام درج کیا ہوا ہے ۔اس کے بعد آپ نے اس الہام کو بھی اخبار میں شائع کرو ا دیا ۔اب دیکھو ادھر ایک الہام حضرت مسیح موعود علیہ السلام پر نازل ہوتا ہے اور اُدھر اللہ تعالیٰ مجھے بھی بتا دیتا ہے کہ ان الفاظ میں آپ پر الہام نازل ہوا ہے اور صبح معلوم ہوتا ہے کہ بات بالکل درست تھی ۔
غرض رئویا و کشوف میں بعض دفعہ ساتھ رہنے والے بھی شریک کرلیئے جاتے ہیں ۔اور یہ چیز ایسی قطعی اور یقینی ہے کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ملکہ وکٹوریہ کو تبلیغ اسلام کرتے ہوئے لکھا کہ
’’ اگر کوئی طالب حق نیت کی صفائی سے ایک مدت تک میرے پاس رہے اوروہ حضرت مسیح ؑ کو کشفی حالت میں دیکھنا چاہے تو میری توجہ اور دعا کی برکت سے وہ ان کو دیکھ سکتا ہے ۔ان سے باتیں بھی کرسکتا ہے اور ان کی نسبت اُن سے گواہی بھی لے سکتا ہے ۔کیونکہ میں وہ شخص ہوں جس کی روح میں بروز کے طور پر یسوع مسیح کی روح سکونت رکھتی ہے ۔‘‘ (تحفہ قیصر یہ صفحہ ۲۱)
حضرت موسیٰ علیہ السلام کے سونٹے کا سانپ بن کر نظر آنا بھی ایسے ہی کشوف میں سے تھا جس کا دائرہ وسیع کردیا گیا اور فرعون اور اس کے ساتھیوں نے موسیٰؑ کا عصا ایک بہت بڑے اژدہا کی صورت میں دیکھا جسے دیکھ کر وہ ڈرے اور ان کے دلوں پر لرزہ طاری ہو گیا۔یہ نظارہ بالکل ایسا ہی تھا جیسے حدیثوں میں آتا ہے کہ ایک غریب شخص جس کا ابو جہل کے ذمہ کچھ قرض تھا رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور کہنے لگا کہ ابو جہل نے میر ا اتنا روپیہ دینا ہے مگر باربار تقاضوں کے باوجود وہ میرا روپیہ مجھے نہیں دیتا ۔آپؐ اس بارہ میں میری مدد کریں ۔اور مجھے اس سے روپیہ دلوادیں۔ چونکہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم بعثت سے پہلے ایک ایسی مجلس میں شریک رہ چکے تھے جس کا ہر ممبر یہ حلف اٹھاتا تھا کہ میں مظلوموں کی مدد کروں گا ۔اور حقدار کو اس کا حق دلانے کی کوشش کروں گا ۔اس لئے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم فوراً اس کے ساتھ ابو جہل کے مکان کی طرف چل پڑے حالانکہ اس زمانہ میں مکہ میں آپ ؐ کی شدید مخالفت تھی اور گلی کوچوں میں آپؐ کا اکیلے پھرنا خطرہ سے خالی نہیں تھا مگر آپ ؐ اپنی جان کی کوئی پرواہ نہ کرتے ہوئے اس کے ساتھ چل پڑے اور ابوجہل کا دروازہ کھٹکھٹایا ۔ وہ باہر آیا ۔ تو آپ نے فرمایا ۔ تم نے اس شخص کا کوئی روپیہ دینا ہے ۔اس نے کہا ۔ہاں !آپؐ نے فرمایا ۔پھر اِسے لادو ۔ وہ چپکے سے اندر گیا اور اس نے روپیہ لاکر دے دیا ۔ جب یہ خبر مکہ کے لوگوں نے سُنی تو انہوں نے ابوجہل کو طعنے دینے شروع کردیئے کہ تم ہمیں تو کہتے ہو کہ محمد رسول اللہ کی کوئی بات نہ مانوں مگر خود اتنا ڈرگئے کہ اس کے کہنے پر تم چپکے سے اند رگئے اور روپیہ لاکر اس کے حوالے کردیا ۔وہ کہنے لگا ۔ تمہیں کیا معلوم کہ میرے پاس کیا واقعہ ہوا جب میں نے دروازہ کھولا اور مجھے محمد(صلی اللہ علیہ وسلم )نظر آئے ۔تو میں نے دیکھا کہ آپ کے دائیں اور بائیں دو مست اونٹ کھڑے ہیں اور وہ ایسے جوش میں ہیں کہ میں نے سمجھا اگر اس وقت میں نے زرابھی انکار کیا تو یہ دونوں اونٹ نوچ کر کھا جائیں گے ۔چنانچہ میں نے اپنی سلامتی اسی میں دیکھی کہ فوراًروپیہ لاکر پیش کردوں ۔یہ بھی ایک کشفی نظارہ تھا جو ابوجہل کو دیکھائی دیا ۔ ورنہ ظاہر میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے دائیں بائیں کوئی دیوانے اونٹ نہیں تھے ۔
اِسی طرح ایک دفعہ ایک ہندوجو لاہور کے کسی دفتر میں اکائونٹنٹ تھا اور علمِ توجہ کا بڑا ماہر تھا کسی برات کے ساتھ اس نیت اور ارادہ سے قادیان آیا کہ میںمرزا صاحب پر مسمریزم کروں گا ۔ تو وہ مجلس میں بیٹھے ناچنے لگ جائیں گے ۔اور لوگوں میں ان کی بڑی سُبکی ہوگی ۔ یہ واقعہ اس ہندو نے خود لاہور کے ایک احمدی دوست میاں عبدالعزیز صاحب مغل کو سنایا تھا جس کی تقریب اس طرح پیدا ہوئی کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے میاں عبد العزیز صاحب کو اپنی ایک کتاب دی اور فر مایا کہ یہ فلاں ہندو کو دے دینا۔ انہوں نے اُسے کتاب پہنچا کر پوچھا کہ حضرت صاحب نے آپ کو یہ کتا ب کیوں بجھوائی ہے اور آپ کا ان کے ساتھ کیا تعلق ہے ۔ اس پر اس ہندو نے یہ سارا واقعہ سنایا اور کہاکہ مجھے مسمریزم کے علم میں اتنی مہارت حاصل ہے کہ اگر میں تانگہ میں بیٹھے ہوئے کسی شخص پر توجہ ڈالوں تو وہ فوراًتانگے کے پیچھے پیچھے بھاگا آئے گا ۔ حالانکہ نہ وہ میر ا واقف ہوگا اور نہ میں اسے جانتا ہوں گا ۔ پھر اس نے کہا۔ میں
آریوں ہندوئوں سے حضرت مرزا صاحب کے خلاف بہت سی باتیں سُنی ہوئی تھیں جن کی بناء پر میں نے ارادہ کیا کہ میں مرزا صاحب پر مسمریزم کے ذریعہ اثر ڈالوں گا۔ اور اُن کے مریدوں کے سامنے ان کی سُبکی کروں گا۔ چنانچہ میں ایک شادی کے سلسلہ میں قادیان گیا اور مرزا صاحب کی مجلس میں بھی چلا گیا مرزا صاحب اُس وقت کچھ وعظ و نصیحت کی باتیں کررہے تھے ۔ میں نے دروازے میں بیٹھ کر اُن پر توجہ ڈالنی شروع کی ۔مگر اُن پر کچھ بھی اثر نہ ہوا ۔ میں نے سمجھا کہ اِن کی قوتِ ارادی زیادہ قوی ہے ۔ چنانچہ میں نے پہلے سے زیادہ توجہ ڈالنی شروع کی ۔ مگر پھر بھی ان پر کچھ اثر نہ ہوا۔ اور وہ اُسی طرح باتوں میں مشغول رہے ۔تب میں نے سمجھا کہ ان کی قوتِ ارادی بہت زیادہ مضبوط ہے اور میں نے اپنی ساری توجہ اُن پر صرف کردی ۔ میں ابھی توجہ کرہی رہا تھا کہ میں نے دیکھا کہ میرے سامنے کچھ فاصہ پر ایک شیر بیٹھا ہے میں اُسے دیکھ کر کانپ گیا ۔ لیکن میں نے اپنے دل کو ملامت کی کہ تو کیسے وہم میں مبتلا ہوگیا ہے۔ یہاں بھلا شیر کا کیا کام ہے اور میں نے پھر توجہ کرنا شروع کردی ۔ اس پر میں نے دیکھا کہ وہ شیر میرے قریب آگیا ہے اُسے دیکھ کر میرا جسم پھر کانپ اٹھا ۔مگر میں نے اپنے آپ کو سنبھالااور پھر توجہ ڈالنا شروع کردی جب میں اپنا پورا زور لگا دیا تو اچانک میں نے کیا دیکھا کہ وہی شیر کود کر مجھ پر حملہ آور ہوا ہے اور ڈر کے مارے زور سے میری چیخ نکل گئی اور میں جلد ی سے اپنی جوتی لے کر نیچے بھاگا ۔ میری آواز سن کر حضرت مرزا صاحب نے اپنے مریدوں سے کہا کہ دیکھنا یہ کون شخص بھاگا ہے اور اسے کیا ہوا ہے ۔چنانچہ ایک شخص میرے پاس آیا اور اُس نے مسجد کے ساتھ والے چوک میں مجھے آپکڑا میں چونکہ اس وقت سخت حواس باختہ تھا ۔ اِس لئے میں نے اس سے کہا کہ تم مجھے جانے دو ۔ میرے حواس اس وقت درست نہیں ہیں۔ چنانچہ مجھے چھوڑ دیا گیا ۔ بعد میں اس نے یہ تمام واقعہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو لکھا اور کہا کہ مجھ سے گستاخی ہوگئی ہے ۔ میں آپ کے مرتبہ کو پہچان نہ سکا ۔ آپ بڑے خدا رسیدہ اور بزرگ انسان ہیں ۔آپ میری اس غلطی کو معاف فرماویں ۔ میاں عبدالعزیز صاحب مغل فرمایا کرتے تھے کہ میں نے اس ہندو سے پوچھا کہ تم نے یہ کیوں نہ سمجھا کہ مرزا صاحب مسمریزم جانتے ہیں اور اس علم میں وہ تم سے بڑھ کرہیں ۔وہ کہنے لگا ۔ ایسا ہرگز نہیں ہوسکتا ۔ کیونکہ مسمریزم کے لئے توجہ کا ہونا ضروری ہے اور یہ عمل کامل سکون اور خاموشی چاہتا ہے مگر مرزا صاحب تو اس وقت باتوں میں مشغول تھے اس لئے میں نے سمجھ لیا کہ اس کی قوتِ ارادی زمینی نہیں بلکہ آسمانی ہے اور وہ خدارسیدہ انسان ہیں ۔ چنانچہ یہ ہندو جب تک زندہ رہا حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کو بڑا معتقد رہا اور ہمیشہ آپ سے خط و کتا بت رکھتا تھا ۔
اسی طرح ۱۸۹۳؁ء میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے جب عبداللہ آتھم کے متعلق پیشگوئی فرمائی کہ وہ پندوہ ماہ تک ہاویہ میں گرایا جائے گا اور اُس کو سخت ذلّت پہنچے گی ۔ بشرطیکہ حق کی طرف رجوع نہ کرے ۔تو عبداللہ آتھم کے دل پر اس پیشگوئی کی ایسی ہیبت طاری ہوئی کہ اُسے قسم قسم کے خوفناک نظارے نظر آنے شروع ہوگئے ۔ایک دفعہ امرتسر میں اسے ایک خطرناک سانپ سکھائی دیا۔ جس کی اس کے دل پر ایسی دہشت طاری ہوئی کہ وہ بیوی بچوں کو چھوڑ کر لدھیانہ اپنے داماد کے پاس بھاگ گیا ۔مگر وہاں پہنچ کر بھی اسے سکون نہ ملا ۔ بلکہ اُس نے دیکھا کہ بعض آدمی جنہوںنے اپنے ہاتھوں میں نیزے پکڑے ہوئے ہیں اُس کو قتل کرنے کے لئے مستعد کھڑے ہیں اور کوٹھی کے احاطہ کے اندر آپہنچے ہیں ۔ اس پر وہ پھر گھبرایا اور دوڑ کر اپنے دوسرے داماد کے پاس فیروز پور چلا گیا ۔مگر وہاں بھی اُسے ایسے ہی حملہ آور دکھائی دیئے جو بندوقوں اور تلواروں سے مسلح تھے غرض پندرہ ماہ اس نے سخت بے چینی اور
اضطراب میں بسر کئے اور گھبرا کر ادھر اُدھر دوڑتا رہا ۔ یہ نظارے جو آتھم کو دکھائے گئے درحقیقت کشفی رنگ ہی رکھتے تھے ۔ ورنہ اگر کوئی جسمانی سانپ ہوتا تو عبداللہ آتھم اُسے آسانی کے ساتھ مار سکتا تھا ۔اِسی طرح اگر انسان حملہ آور ہوتے تو وہ آسانی سے گرفتار کئے جاسکتے تھے ۔ مگر یہ چیز تو ایسی تھی جو صرف آتھم کودکھائی دی ۔ اور اُس نے خود ان واقعات کو بیان کیا۔
غرض جس طرح ابوجہل کودومست اونٹ دکھائی دیئے اور لاہور کے ہندو دوست کوایک شیر حملہ کرتاہوادکھائی دیا۔اور عبداللہ آتھم کوسانپ اور تلواروںاور نیزوں سے مسلّح افراد دکھائی دئیے ۔اسی طرح فرعون مصر کوموسٰی کا عصا ایک اثردہا کی صورت میں نظرآیا جسے دیکھ کر وہ کانپ گیااور گو اس نے اسے ایک جسمانی سانپ ہی سمجھا مگر درحقیقت اس کی تعبیر یہ تھی کہ موسیٰ کی جماعت ایک دن فرعون اور اس کے تمام لائو لشکر کو اثردہا بن کر کھا جائیگی اور وہی بنی اسرائیل جن کو وہ موسیٰ کے ساتھ بھیجنے کے لئے تیار نہیں ایک دن اس کی تباہی اور بربادی کاباعث بن جائیں گے اور موسٰیؑ کوغلبہ حاصل ہوجائے گا ۔تعطیرالانام میں لکھاہے کہ من رأی انّہ ملک ثعبانا فانّہ یصیب سلطانا عظیمایعنی اگر کوئی شخص یہ دیکھے کہ کوئی بڑااژدہا اس کے قبضے میں آگیاہے تواس کی تعبیر یہ ہوگی کہ اسے بہت بڑاغلبہ حاصل ہوگا ۔پس یہ کشف موسٰیؑ او ر اس کی جماعت کے غلبہ اورفرعون اور اس کی قوم کی تباہی کی خبر اپنے اندر رکھتاتھا ۔اسی طرح اس کشف میں فرعون کو اس طرف بھی توجہ دلائی گئی تھی کہ بنی اسرائیل کاموسٰیؑ کے ہاتھ میں رہنا ضروری ہے ورنہ اگر یہ تمہارے پاس رہی توتمہارے اخلاق و اطوار ہی ان پر اثر انداز ہوں گے مگر پھر یہ انسان نہیں رہیںگے بلکہ سانپ بن جائیں گے ۔اور جس طرح سانپ سفلی زمیں کی مٹی کھاتاہے ۔اسی طرح وہ بھی زمین کے کیڑے بن جائیں گے ایک مضبوط اور مستعد جماعت کی شکل اختیار نہیں کرسکیں گے ۔مگر فرعون نے اس کشفی نظارہ کی حقیقت کو نہ سمجھا اور یہ خیال کرلیاکہ موسٰیؑ کوئی بڑا جادوگر ہے ۔جس نے اپنے جادو کے زور سے سونٹے کو سانپ کی شکل میں تبدیل کردیاہے ۔یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ عصائے موسٰیؑ کے سانپ بن جانے کے متعلق قرآن کریم نے تین الفاظ استعمال کئے ہیں ۔اوّل ثعبان ۔دوم حیّۃ ۔سوم جانّ۔ثعبان کالفظ تو سورۃ اعراف ع ۱۳اورسورۃ شعراء کی زیر تفسیرآیت میں استعمال ہواہے ۔حیّۃکالفظ سورۃ طٰہٰ کے پہلے رکوع میں استعمال ہواہے ۔اور جانّ کالفظ سورۃ نمل ع۱ ور سورئہ قصص ع۴ میں استعمال ہواہے ۔دشمنان اسلام اپنی نادانی سے یہ اعتراض کرتے ہیں کہ ایک ہی امر کے متعلق قرآن کریم نے اتنے مختلف الفاظ کیوں استعمال کئے ہیں ۔اس سے تو معلوم ہوا کہ قرآن کریم میں اختلاف پایاجاتاہے ۔مگریہ اعتراض قلّتِ تدبر کانتیجہ ہے ۔اگر وہ غور کرتے توانہیں اس میں کوئی اختلاف نظر نہ آتا ۔حقیقت یہ ہے کہ فرعون کے دربار میں جب حضرت موسٰیؑ نے اپناعصاپھینکااور وہ اژدہا بن کر نظرآنے لگا ۔تو اس واقعہ کے متعلق قرآن کریم نے ہرمقام پرصرف ثعبان کالفظ استعمال کیاہے کوئی اور لفظ استعمال نہیں کیا۔پس اس بارہ میںاختلاف کاکوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
باقی رہا حیّۃ اور جانّ کے الفاظ کا استعمال سویہ ددونوں الفا ظ اس موقعہ پراستعمال کئے گئے ہیں جب اللہ تعالیٰ نے حضرت موسٰی علیہ السلام کواپنے کلام سے نوازا اورانہیں فرعون کی طرف جانے کی ہدایت فرمائی ۔اس موقعہ پر اللہ تعالیٰ نے فرمایاکہ اے موسیٰ ؑ اپنا سونٹاپھینک ۔انہوں نے سونٹا پھینکاتو قرآن کریم میںلکھا ہے کہ فاذاہی حیّۃ تسعیٰ (طٰہٰ ع ۱)موسیٰ نے کیادیکھا کہ وہ ایک
سانپ ہے جو دوڑرہا ہے حیّۃ کالفظ چھوٹے اور بڑے دونوں قسم کے سانپوں کے لئے استعمال ہوتاہے ۔لیکن سورۃ نمل اور سور ۃ قصص میں یہی مضمون ان الفاظ میں بیان کیاگیاہے کہ فلمّا راٰھا تھزّکانّھاجانّ ولّیٰ مدبراً ولم یعقّب (نمل ع ۱)جب موسٰی علیہ السلام نے دیکھا کہ وہ لاٹھی ہل رہی ہے گویاکہ وہ ایک چھوٹا سانپ ہے تو وہ پیٹھ پھیر کربھاگا اور اس نے پیچھے مڑ کر بھی نہ دیکھا۔سورئہ قصص رکوع۴میں بھی یہی لفظ استعمال کئے گئے ہیں پس اعتراض ہوسکتاہے تو اس پر کہ ایک ہی واقعہ کے متعلق ایک جگہ حیّۃ اور دوسری جگہ جانّ کالفظ کیوںاستعمال کیاگیاہے۔ثُعْبَانٌ کا لفظ جیسا کہ بتایا جاچکا ہے الگ موقعہ پر استعمال ہوا ہے اس لئے ثُعْبَانٌ کے بارہ میں کوئی سوال پیدا نہیں ہوسکتا ۔ سوال صرف یہ ہوسکتا ہے کہ حَیَّۃٌ کو دوسرے مقام پر جَآنٌ کیوں کہا گیا ہے سو یا د رکھنا چاہیئے کہ سورئہ نمل اور قصص دونوں مقامات پر قرآن کریم نے یہ نہیں کہا کہ وہ جَآنٌ تھا بلکہ یہ کہا ہے کہ تَھْتَذُّ کَاَنَّھَا جَآنٌ وہ اس طرح ہلتا تھا جس طرح چھوٹا سانپ ہلتا تھا ۔ گویا تھا وہ بڑ اسانپ ہی مگر وہ ہلتا اس طرح تیزی سے تھا جیسے چھوٹا سانپ ہلا کرتا ہے۔ پس قرآن کریم نے جو الفاظ استعمال کئے ہیں اُن کا آپس میںکوئی تضاد نہیں۔ جہاں قرآن کریم نے جانّؔ کا لفظ استعمال کیا ہے وہا ں اس سانپ کی صرف تیزی کا ذکر ہے اور یہ بتا نا مقصود ہے کہ جب حضرت موسیٰ علیہ السلام نے سونٹا پھینکا تو وہ چھوٹے سانپ کی طرح تیزی سے دوڑنے لگ پڑا وہاں اس کی شکل کا کوئی ذکر نہیں کہ وہ چھوٹا تھا یا بڑا بلکہ یہ بتانا مدّنظر ہے کہ چھوٹے سانپ کی طرح اُس میںتیزی پائی جاتی تھی۔ لیکن جہاں ثُعْبَانٌ کا لفظ آیا ہے وہ آیات دیکھی جائیں تو صرف معلوم ہوگا کہ وہ واقعہ فرعون کے سامنے ہوا ہے اور فرعون کو چونکہ ڈرانا مقصود تھا ۔ اِس لئے اُسے ثُعْبَانٌ کی شکل میں سونٹا دکھائی دیا ۔پس قرآنی آیات میںجو تضادسمجھا جاتا ہے۔ وہ حقیقتاً کوئی تضاد نہیں محض قلّتِ تدبّر یا لغتِ عرب سے ناواقفیت کی وجہ سے ایسے سوالات پیدا ہوتے ہیں ۔
دوسراؔ نشان جو اللہ تعالیٰ نے اس موقعہ پر ظاہر کیا وہ یہ تھا کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام نے پہلو سے اپنا ہاتھ نکالا تو وہ انہیں بالکل سفید اور چمکتا ہوا دکھائی دیا۔ یہ بھی ایک کشفی نظارہ تھا جو فرعونیوں کو دکھایا گیا ۔ اور جس میں ایک تو اس طرف اشارہ تھا کہ اے فرعونیو! تم مسمریزم جانتے ہو اور تمہیں معلوم ہے کہ سفید رنگ نیکی اور پاکیزگی اور طہارتِ قلب کی علامت ہوا کرتا ہے پس موسیٰؑ کے ہاتھ کا سفید نظر آنا بتا رہا ہے کہ یہ شخص پاک اور بے عیب ہے اور یہ جو کچھ کہہ رہا ہے اس میں کسی جھوٹ اور افتراء کی آمیزش نہیں ۔ اگر اس کا ہاتھ سیاہ دکھائی دیتا تو یہ اُس کی سیاہی قلب اور باطنی تاریکی کا ثبوت ہوتا ۔ مگر تم دیکھ رہے ہو کہ اس کا ہاتھ سورج کی طرح روشن ہے اور اس کی شعاعیں تمہاری آنکھوں کو خیرہ کر رہی ہیں۔ پس تم اپنے علم کی بناء پر بھی سمجھ سکتے ہو کہ یہ شخص پاکباز ہے اور تمہارا فرض ہے کہ یہ جو کچھ کہے تو اسے تسلیم کرو۔
اسی طرح موسیٰ کا روشن ہاتھ اس تغیر کا بھی حامل تھا کہ اس شخص کے ہاتھ پر بڑے بھاری تغیرات مقدر ہیں مگر وہ تغیرات کسی ظلم اور تشدّد کے نتیجہ میں نہیں ہونگے ۔ نہ مکر اور فریب اور جھوٹ اور جعلسازی اُن میں کام کررہی ہوگی بلکہ اللہ تعالیٰ کی تائید اور اُس کی معجزانہ نصرت اس کا باعث ہوگی جس کو موسیٰؑ کی دعائیں جذب کریں گی اور وہ روحانی سلسلہ جس کی اس کے ہاتھ سے بنیاد رکھی جارہی ہے ایک دن دنیا کو اپنے انوار سے روشن کردے گا ۔ گویا جس طرح سورج اور چاند کے طلوع سے تاریکی غائب ہوجاتی ہے
اسی طرح موسیٰؑ کے ہاتھ پر اللہ تعالیٰ کے جو نشانات ظاہر ہوں گے ۔اُن سے وہ ظلمت اور تاریکی دُور ہوجائے گی جو لوگوں کے قلوب کا احاطہ کئے ہوئے ہے اور شیطان کی جگہ رحمن کی حکومت قائم ہوجائے گی ۔
پھرموسیٰؑ کے اس کشف میں آپ ؑ کی قوم کی پاکیزگی اور طہارت کی طرف بھی اشارہ کیاگیا تھا کیونکہ ہاتھ کی تعبیر میں جہاں بھائی بیٹے اور رشتہ دار وغیرہ مراد ہوتے ہیں وہاں یَدْ سے قوم بھی مراد ہوتی ہے کیونکہ قوم کے افراد بھی ایک دوسرے کی تقویت اور سہارے کا موجب ہوتے ہیں اور مشکالات میں وہ دوسروں کے کام آتے ہیں ۔پس کشفی طور پر آپ کے ہاتھ کا روشن اور بے عیب دکھایا جانا اس تعبیر کا بھی حامل تھا کہ آج تو بنی اسرائیل میں کئی قسم کے عیوب دکھائی دے رہے ہیں لیکن جب یہ قوم میرے ہاتھ پر جمع ہوگی تو اللہ تعالیٰ اس کے اندر ایسا نور پیدا کردے گا کہ یہ بھولے بھٹکوں کی رہنما بن جائے گی اور اخلاق اور روحانیت میں اعلیٰ درجہ کا کمال حاصل کرے گی ۔
یہ خیال کہ کسی انسان کے جسم سے ایسی شعاعیں کس طرح نکل سکتی ہیں جو دوسروں کو بھی نظر آجائیں صرف اس وجہ سے پیدا ہوتا ہے کہ لوگ اس نشان کو ظاہر پر محمول کرلیتے ہیں۔ اگر وہ سمجھتے کہ یہ ایک کشفی واقعہ ہے تو اس قسم کے وساوس بھی ان کے دل میں پیدا نہ ہوتے موسیٰؑ کا زمانہ تو بہت دور کی بات ہے ہم تو دیکھتے ہیں کہ اس زمانہ میں بھی اللہ تعالیٰ نے اپنے بعض ایسے نشانات دکھائے ہیں جن میں کشفی نگاہ رکھنے والوں نے اللہ تعالیٰ کے انوار کو ظاہری شکل میں بھی متمثل دیکھا اور اُس کے روحانی کیف سے لذت اندوزہوئے ۔ چنانچہ ۱۹۰۴؁ء میں جب حضرت مسیح علیہ الصلوٰۃ السلام لاہور تشریف لے گئے تو وہاں ایک جلسہ میں آپؑ نے تقریر فرمائی ۔ایک غیر احمدی دوست شیخ رحمت اللہ صاحب وکیل بھی اُس تقریر میں موجو د تھے ۔ وہ کہتے ہیں ۔ دورانِ تقریر میں مَیں نے دیکھا کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے سرسے نُور کا ایک ستون نکل کر آسمان کی طرف جارہا تھا۔ اُس وقت میرے ساتھ ایک اور دوست بھی بیٹھے ہوئے تھے ۔میں نے انہیں کہا ۔دیکھو وہ کیا چیز ہے۔ انہوں نے دیکھا۔ تو فوراً کہا کہ یہ تو نور کا ستون ہے جو حضرت مرزا صاحب کے سر سے نکل کر آسمان تک پہنچا ہوا ہے ۔اس نظارہ کا شیخ رحمت اللہ صاحب پر ایسا اثر ہوا کہ انہوں نے اسی دن حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ السلام کی بیعت کرلی ۔ (الفضل ۱۵؍ستمبر ۱۹۴۴ ؁ء)
اسی طرح حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃوالسلام نے جب اللہ تعالیٰ کے حکم کے ماتحت چھ ماہ متواتر روزے رکھے تو آپ نے اُن روزوں کے روحانی اثرات کا ذکر کرتے ہوئے تحریر فرمایا :۔
’’ اس قسم کے روزہ کے عجائبات میں سے جو میرے تجربہ میں آئے وہ لطیف مکاشفات ہیں جو اس زمانہ میں میرے پر کھلے ۔چنانچہ بعض گذشتہ نبیوں کی ملاقاتیں ہوئیں اور جو اعلیٰ طبقہ کے اولیاء اس اُمت میں گذر چکے ہیں اُن سے ملاقات ہوئی ۔ اور علاوہ اس کے انوارِ روحانی تمثیلی طور پر برنگ ستون سبز وسُرخ ایسے دلکش اور دستان طور پر نظر آتے تھے جن کا بیان کرنا بالکل طاقتِ تحریر سے باہر ہے ۔وہ نورانی ستون جو سیدھے آسمان کی طرف گئے ہوئے تھے جن میں سے بعض چمکدار سفید اور بعض سبز اور بعض سُرخ تھے ۔اُن کو دل سے ایسا تعلق تھا کہ اُن کو دیکھ کر دل کو نہایت سرور پہنچتاتھا اور دنیا میں کوئی بھی ایسی لذت نہیں ہوگی ۔ جیسا کہ اُن کو دیکھ کر دل اور رُوح کو لذّت آتی تھی ۔ میرے خیال میں ہے کہ وہ ستون خد ااور بندہ کی ترکیب سے ایک تمثیلی صورت میں ظاہر کئے گئے تھے ۔
یعنی وہ ایک نور تھا جو دل سے نکلا اور دوسرا وہ نور تھا جو اوپر سے نازل ہوا۔ اور دونوں کے ملنے سے ایک ستون کی صورت پیدا ہوگئی ۔ یہ روحانی امور ہیںکہ دنیا اُن کو نہیں پہنچان سکتی ۔ کیونکہ وہ دنیا کی آنکھوں سے بہت دور ہیں۔ لیکن دنیا میںایسے بھی ہیں جن کو اِن امور سے خبر ملتی ہے ۔‘‘ (کتاب البریّہ حاشیہ صفحہ ۱۲۴،۱۲۷)
اسی طرح ایک دفعہ آپؑ نے فرمایا کہ:۔
’’میں دیکھتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ کے فیوض عجیب نوری شکل میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف جاتے ہیں اورپھر وہاں جاکر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے سینہ میں جذب ہوجاتے ہیں۔ اور وہاں سے نکل کر ان کی لانتہاء نالیاں ہوتی ہیں اور بقدر حصّہ رسدی ہر حقدار کو پہنچتی ہیں‘‘۔ (الحکم مؤرخہ ۲۸؍ فروری ۱۹۰۳ ؁ء صفحہ۷)
اسی طرح ایک دفعہ آپؑ کو رؤیا میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت ہوئی ۔ اور آپؑ نے دیکھا کہ جیسے آفتاب کی کرنیں چھوڑتیں ہیں ۔ اِسی طرح رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی پیشانی مبارک سورج کی طرح چمک رہی ہے ۔ (تذکرہ صفحہ۴)
جلسہ اعظم مذاہب لاہور میں ابھی آپؑ کا مضمون نہیں پڑھا گیا تھا کہ آپؑ نے رؤیا میں دیکھا کہ ’’میرے محل پر غیب سے ایک ہاتھ مارا گیا اور اس ہاتھ کے چھونے سے اس محل میں سے ایک نورِ ساطعہ نکلا جو اردگرد پھیل گیا ۔اور میرے ہاتھ پر بھی اس کی روشنی پڑی ۔‘‘ (تذکرہ صفحہ ۲۹۵)
غرض اللہ تعالیٰ جن لوگوں کو اصلاحِ خلق کے لئے مبعوث فرماتا ہے وہ انہیں اپنے انوار اور تجلیات کا جلوہ گاہ بناتا ہے اور یہ نور بعض دفعہ ظاہر ی طور پر متمثل ہوکر دوسرے لوگوں کو بھی نظر آجاتا ہے تاکہ سید الفطرت انسان ان فائدہ اٹھائیں اور وہ اپنے قلوب میں تغیر پیدا کریں ۔
خو د مجھے بھی اللہ تعالیٰ کا نور بعض دفعہ متمثل طور پردکھا ئی دیا ہے چنانچہ ۱۹۱۰؁ء یا ۱۹۱۱؁ء کا واقعہ ہے کہ مجھے بخار ہوگیا اور ساتھ ہی مجھے اپنی ران میں شدید درد ہونے لگا ۔کیونکہ اُن دنوں طاعون سے بعض اموات ہورہی تھیں مجھے وہم ہوا کہ کہیں یہ طاعون ہی نہ ہو ۔ چنانچہ میں انہیں اپنے کمرے کا دروازہ بند کرلیا اور سوچنے لگا کہ یہ کیا ہونے لگا ہے ۔ اسی اثنا میںجب کہ میری آنکھیں کھولی تھیں میں درودیوار کو دیکھ رہا تھا اور مجھے اپنے کمرہ کی تمام چیزیں نظر آرہی تھیں ۔ میں نے کشفی طور پر دیکھا کہ ایک سفید اور نہایت چمکتا ہوا نور ہے جو میرے کمرے کے نیچے سے نکل رہا ہے اور آسمان کی طرف چھت پھاڑ کر جا رہا ہے ۔نہ اس کی کوئی ابتداء معلوم ہوتی ہے اورنہ انتہا۔ اس کے بعد میں نے دیکھا کہ اس نور میں ایک ہاتھ نکلا ہے جس میں ایک سفید چینی کا پیالہ ہے ۔اس ہاتھ نے وہ پیا لہ مجھے پکڑ دیا اور میں نے وہ دودھ پی لیا۔ جب میں وہ دودھ چکا تو میں نے دیکھا کہ نہ تو کوئی درد ہے اور نہ بخار بلکہ میں اچھا بھلا ہوں ۔ اور مجھے کوئی تکلیف نہیں ہے۔
اسی طرح بعض دفعہ دوسروں کے جسم سے ایسی شعاعیں نکلتی ہوئی دکھائی دیتی ہیں جس نے اُن کے اندرونی خیالات بے نقاب ہو جاتے ہیںاور پتہ لگ جاتا ہے کہ وہ سچے مومن ہیں یا نہیں۔ میں نے کئی دفعہ دیکھا کہ ایک شخص میرے ساتھ بات کرتا ہے اور میر ی روح اس کی روح سے ٹکرا کر معلوم کرلیتی ہے کہ یہ منافق کی روح ہے ۔ اسی طرح کئی ایسے ہوتے ہیں جو ظاہر میں بڑے اخلاص کا
اظہار کرتے ہیں ۔ہاتھ چومتے ہیں۔ مگر اُن کے ہاتھ چومنے پر مجھے ایسا معلوم ہوتاہے کہ گویا انہوں نے ہاتھ کو نجاست لگا دی ہے اور ان کی باتیں ایسی معلوم ہوتی ہیں کہ گویا وہ گالیاں دے رہے ہیں۔ کیونکہ قلوب کے اسرار بعض دفعہ توا للہ تعالیٰ اس طرح ظاہر کردیتا ہے کہ خود انسان کے منہ سے ایسی باتیں نکل جاتی ہیںجو اس کی قلبی کیفیت کا آئینہ دار ہوتی ہیں اور کبھی اس کے اندر سے باریک شعاعیں نکل کردوسروں کے قلوب پر پڑتی ہیں ۔ اور وہ چیز جسے وہ مخفی سمجھ رہا ہوتا ہے دوسرے پر ظاہر ہوجاتی ہیں ۔ کیونکہ خدا کے بندے بعض ایسے بھی ہوتے ہیں کہ جن کی نظر باوجود انسانی ہونے کے لوگوں کے دلوں تک پہنچ جاتی ہے اور وہ چیز جو دنیا کے لئے پوشیدہ ہوتی ہے ان کے لئے ظاہر ہوجاتی ہے مگر چونکہ وہ اللہ تعالیٰ کی ستّاری کی چادر اوڑھے ہوئے ہوتے ہیں اس لئے وہ ان کے عیب کو چھپا لیتے ہیں۔ وہ ایسا اس لئے نہیں کرتے کہ اُن کے دل کا خیال اُن پر ظاہر نہیں ہوتا بلکہ اس لئے کرتے ہیں کہ خدا نہیں چاہتا کہ اُس کی ستّاری کی چادر کو اُٹھا دیا جائے ۔
مجھے یاد ہے قادیان میں ایک دفعہ ایک بہائی عورت آئی اور مختلف مسائل پر مجھ سے گفتگو کرتی رہی ۔مگر اس پرکوئی اثرنہیں ہوتاتھا ۔ایک دن اس سے باتیں کرتے ہوئے مجھے ایسا محسوس ہوا کہ میرے جسم سے کوئی چیز نکل کراس کے ساتھ ٹکراجاتی ہے لیکن آگے نہیں گذرتی۔آخر میں نے دعاکی تومیں نے دیکھا کہ وہ چیز جوا س کے ساتھ ٹکراتی تھی آگے نکلنے لگی ہے ۔اس کانتیجہ یہ ہوا کہ یاتو وہ بڑے جوش سے باتیں کررہی تھی اور یایکدم گبھرا گئی اور اس نے بحث بند کردی او ر کہنے لگی کہ میرا بچہ بیمار ہے اس لئے میںجاتی ہوں حالانکہ وہ اچھّا بھلاتھا۔
غرض انبیاء اور اولیاء کے جسم سے مختلف قسم کی شعائیں نکلتی رہتی ہیںجو ان کے روحانی درجہ اور مقام کے مطابق مختلف رنگ کی ہوتی ہیں مگر یہ شعائیں مادی آنکھ سے دکھائی نہیںدیتیں بلکہ ان کے دیکھنے کے لئے کشفی نگاہ کی ضرورت ہوتی ہے جوا للہ تعالیٰ کے فضل سے میسر آسکتی ہے ۔یہی نور تھا جو حضرت موسیٰ علیہ السلام کے ہاتھ سے نکلا۔اور الٰہی تصرف کے ماتحت فرعون او راس کے درباریوں نے بھی دیکھ لیا۔مگر چونکہ وہ روحانی علوم سے بے بہرہ تھے انہوں نے اتنے بڑے نشان کو دیکھ کر بھی موسیٰ علیہ السلام کی عظمت اور اس کے تقدس کو نہ پہچانا اور یہ خیال کرلیا کہ موسیٰ علیہ السلام نے اپنے جادو کے زور سے ایسا کرلیاہے بہرحال موسیٰ علیہ السلام کے ہاتھ پرخداتعالیٰ نے اپنے جلا ل او رجمال کااظہار کیااور سانپ کی شکل میں اسے انذاری اور یدبیضاء کی شکل میں تبشیری نشان دکھایا۔مگر بائبل نے عصا کاسانپ بن جاناتوتسلیم کیاہے اگرچہ وہ ا س نشان کوموسیٰ علیہ السلام کیطرف نہیںبلکہ ہارون ؑ کی طر ف منسوب کرتی ہے مگرموسیٰ علیہ السلام کے دربار میں یدبیضاء والے معجزے کے دکھائے جانے کا اس نے ذکرتک نہیںکیا اور یہ اس کی ایک بہت بڑی فروگذاشت تھی جس کا قرآن کریم نے ازالہ کیا۔بلکہ خو د بائبل کی ایک اندرونی شہادت سے بھی ثابت ہے کہ فرعون کے دربار میں یدبیضاء والا نشان بھی ضرور دکھایا گیا تھا ۔اور وہ شہادت یہ ہے کہ جب موسیٰ علیہ السلام کو خداتعالیٰ نے فرعون کی طرف جانے کاحکم دیا تو اس وقت بائبل بھی تسلیم کرتی ہے کہ
’’ خداوند نے موسیٰ سے کہا کہ یہ تیرے ہاتھ میں کیا ہے ۔ اُ س نے کہا ۔ لاٹھی ! پھر اُس نے کہا کہ اِسے زمین پر ڈال دے اُس نے اسے زمین پر ڈالا تو وہ سانپ بن گئی اور موسیٰؑ اُس کے سامنے سے بھاگا۔‘‘ (خروج باب ۴ آیت ۲,۳)
اِسی طرح لکھا کہ
’’پھر خداوند نے اُسے یہ بھی کہا کہ تو اپنا ہاتھ اپنے سینہ پر رکھ کر ڈھانک لے۔ اُس نے اپنا ہاتھ اپنے سینہ پر رکھ کر اُسے ڈھانک لیا اور جب اُس نے اسے نکال کردیکھا ۔ تو اُس کا ہاتھ کوڑھ سے برف کی مانند سفید تھا۔ (خروج باب۴آیت ۶)
اس حوالہ میں اوّل تو حضرت موسیٰ کے ہاتھ کی سفیدی کوڑھ کی طرف منسوب کی گئی ہے جو ایک نہایت ہی شرمناک بات ہے موسیٰؑ خدا تعالیٰ کا ایک مقدس نبی تھا ۔اور وہ مقام جہاں اس موسیٰؑ خدا تعالیٰ سے ہمکلام ہوا تو تجلیاتِ الٰہیہ کا مرکز تھا۔ ایسے مقدس مقا م پرموسیٰؑ جیسے مقدس نبی سے خدا تعالیٰ کا ہمکلام ہونا تو ایک بہت بڑا انعام تھا اور وہ الٰہی برکات اور اس کے فیوض کا وقت تھا ۔ ایسے بابرکت وقت میں خدا تعالیٰ کا یہ عذاب کیسے نازل ہوسکتا تھا کہ موسیٰ کے ہاتھ کو کوڑھ ہوجاتا۔یقینا موسیٰؑ کے ہاتھ کو کوڑھ نہیںہوا۔ بلکہ کسی بدبخت یہودی کادل روحانی کوڑھ کے مرض میں مبتلا ہوا اور اس نے یہ عیب حضرت موسی علیہ السلام کی طرف منسوب کردیا۔ یہی وجہ ہے کہ قرآن کریم نے اس کا ذکر کرتے ہوئے مِنْ غَیْرِ سُوْٓئٍ (طٰہٰ ع ۱)کے الفاظ بیان فرمائے ہیں کہ ہاتھ کی سفیدی کسی بیماری کا نتیجہ نہیں تھی بلکہ اللہ تعالیٰ کی طرف ایک نشان کے طور پر عطا کی گئی تھی۔
بہرحال ان دونوں معجزات کا ذکر کرنے کے بعد بائیبل میں لکھا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا :۔
’’ اوریوں ہوگا کہ اگر وہ تیرا یقین نہ کریں اور پہلے معجزہ ( یعنی لاٹھی کے سانپ بن جانے )کے معجزہ کو بھی نہ مانے تو وہ دوسرے معجزہ (یعنی ہاتھ کی سفید ی اور چمک )کے سبب سے یقین کریں گے ۔‘‘ (خروج باب۴ آیت ۸)
اب اگر لاٹھی کو سانپ کی شکل میں دیکھ کر فرعون ایمان لے آتا تو ہم تسلیم کرسکتے تھے کہ اسے دوسرا معجزہ دکھانے کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔ لیکن جب وہ ایمان ہی نہ لایا تو بائیبل کے خود اپنے بیان ضروری تھا کہ موسیٰؑ اُسے یدِ بیضاء والا معجزہ بھی دیکھاتے ۔ اور اگر وہ پھر بھی ایمان نہ لاتا تو اور معجزات دکھاتے جن کا بائیبل میں بھی ذکر آتا ہے اور قرآن کریم نے بھی ان کو بیا ن کیا ہے ۔پس بائیبل کا ایک طرف یہ کہنا کہ اگر فرعو ن پہلے معجزہ کو دیکھ کر ایمان نہ لایا تو پھر دوسرا معجزہ اُسے دکھایا جائے بتا تا ہے کہ فرعون کے سامنے یہ دونوں معجزے دکھائے گئے تھے ۔ مگر بائیبل چونکہ انسانی دست برُد کاشکار رہی ہے اس لئے اس نے اس معجزہ کا ذکر تو کردیا اور دوسرے معجزہ کے دکھائے جانے کا کوئی ذکر نہ کیا۔ لیکن خود اس کی اندرونی شہادت بتا رہی ہے کہ فرعون کے دربار میں یہ دونوں معجزات دکھانے کا اللہ تعالیٰ نے فیصلہ فرمایا تھا ۔پس صحیح بات وہی ہے جو قرآن کریم نے کہی ہے اور بائیبل نے جو کچھ کہا ہے وہ خو د بائیبل کی اپنی شہادت سے ہی غلط ثابت ہوتا ہے ۔ باقی رہا بائیبل کا یہ کہنا کہ فرعون کے دربار میں موسیٰؑ نے نہیں بلکہ ہارونؑ نے عٰصا پھینکا تھا
(خروج باب۷ آیت ۱۰)
یہ بھی بائیبل کی غلط بیانی ہے کیونکہ خود بائیبل خروج باب ۴ میں تسلیم کرتی ہے کہ خدا تعالیٰ نے ہارونؑ سے نہیں بلکہ موسیٰؑ نے کہاتھا کہ
’’یہ تیرے ہاتھ میں کیاہے ۔ اُس نے کہا لاٹھی !پھر اُ س نے کہا اِسے زمین پر ڈال دے ۔ اُس نے اُسے زمین پر ڈالا اور وہ سانب بن گئی ۔اور موسیٰ اس کے سامنے سے بھاگا۔ تب خداوند نے موسیٰ سے کہا ہاتھ بڑھاکر اس کی دم پکڑ لے۔ اُس نے ہاتھ بڑھایا اور اُسے پکڑ لیا۔وہ اس کے ہاتھ میں لاٹھی بن گیا۔‘‘ (خروج باب۴ آیت ۲,۴)
پھر یہ بات بھی خداتعالیٰ نے موسیٰ سے ہی کہی تھی کہ اگر وہ پہلے معجزہ کو نہ مانیں تو ’’وہ دوسرے معجزہ کے سبب سے یقین کریں گے ۔‘‘
(خروج باب ۴ آیت ۹)
پس جب کہ تمام گفتگو موسیٰؑ سے ہی ہوتی رہی اور موسیٰؑ کی لاٹھی ہی سانپ بنی اور موسیٰؑ کو ہی یہ کہاگیا کہاگر فرعون اور اس کے درباری پہلے معجزہ کو دیکھ کر ایمان نہ لائے تو دوسرے معجزہ کو دیکھ کر ایمان لے آئیںگے تویہ کس طرح ہوسکتا تھا کہ فرعون کے دربار میں موسیٰؑ کی بجائے ہارون اپنا عصا پھینک دیتے ۔ پس یہ بات بھی بائیبل کیااندرونی شہادت سے باطل قرار پاتی ہے اور صحیح بات وہی ثابت ہوتی ہے جو قرآ ن کریم نے کہی۔
بہر حال یہ دو بڑے بھاری نشانات ہیں جو اللہ تعالیٰ نے موسیٰؑ کے ہاتھ پر ظاہر کئے ۔ مگر اس امر کو تسلیم کرنے کے باوجود کہ حقیقتاً یہ ایک بہت بڑا نشان تھا کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام نے سونٹا پھینکا اور وہ سانپ بن گیا یا حضرت موسیٰ علیہ السلام نے سونٹا مارا اور چٹان سے پانی بہہ نکلا پھر بھی اس صداقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ موسیٰ کے عصا کے مقابلہ میں اللہ تعالیٰ نے محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو جوعصا عطا فرمایا وہ اتنا عظیم الشان ہے کہ موسیٰؑ کے عصا سے بحیرہ قلزم کا پھٹنا یا اُ ن کے عصا سے پتھر کی چٹانوں سے پانی بہہ نکلنا یا خود اُن کے عصا کا سانپ بن کر لوگوں کو دکھائی دینا اس کے مقابلہ میں کوئی حقیقت نہیں رکھتا ۔ موسیٰؑ کاعصا بیشک بڑے بھاری نشانات کا حامل تھا مگر آج دنیا میں کہیں موسوی عصاکا نشان نہیں۔وہ عصا موسیٰؑ کے ہاتھ میں رہا اور موسیٰؑ کی وفات کے ساتھ ہی اس کی نشان نمائی کامعجزہ ختم ہوگیا مگر محمد رسول اللہ صلی علیہ وسلم کو اللہ تعالیٰ نے وہ عصا عطافرمایا جس پر انسانوں کی موت اور زمانہ کی گردشیں کوئی اثر نہیںکرسکتیں۔ جسے دنیا کی بڑی سے بڑی حکومتیں بھی توڑنے کی طاقت نہیں رکھتیں۔ اس عصاکو نہ کوئی زمینی کیڑا کھانے کی طاقت رکھتاہے اور نہ کوئی آسمانی صاعقہ اسے صفحہ ہستی سے معدوم کرسکتاہے ۔وہ عصاجو آج بھی کفر کے سر کو پاش پاش کررہاہے اور قیامت تک شیطان کے پھیلائے ہوئے جالوں اور اس کی رسیو ںکو نگلتا چلاجائے گا۔قرآن کریم ہے جومحمد رسو ل اللہ صلّی اللہ علیہ وسلّم کوعطاکیاگیا۔اور مسلمانوں سے کہاگیاکہ جاہدھم بہ جھاداً کبیراً(فرقان آیت۵۳)اے مسلمانوتم قرآن کریم کو اپنے ہاتھ میںلو اور ا س کے ذریعہ کفّار سے جہاد کبیر کرو۔گویاقرآن کریم ایک کتاب ہی نہیں بلکہ وہ ایک کامیاب ہتھیار بھی ہے جس سے کفر و شیطنت کی پھیلائی ہوئی ظلمتوں کامقابلہ کیاجاسکتاہے اور بہ کہہ کربتایاکہ یہ قرآن بنی نوع انسان کامقصد بھی ہے اور ایصال مقصد کاذریعہ بھی ہے ۔یعنی روحانی دلائل و براہین کے لئے یہ کسی دوسرے کی وکالت کا محتاج نہیں بلکہ خود بھی اپنے دعاوی کے دلائل بھی دیتاہے اور اس طر ح بنی نوع انسان کے عقلی اور فکری معیار کو بھی بلند کرتاچلاجاتاہے ۔غرض قرآن وہ عظمت و شوکت اپنے اند ر رکھتاہے کہ اس کے ذریعہ تو پ و تفنگ کے بغیر بھی دنیاکو فتح کیاجاسکتا ہے ۔اس میں کوئی شبہ نہیں کہ اب دوسرے مسلمانوں میں بھی بیداری اور قربانی کی روح پیدا ہو رہی ہے لیکن قربانی کی وہ روح انہیں توپ وتفنگ کی طر ف لے جاتی ہے ۔بے شک موجودہ دور کا مسلمان آج سے سو یاپچاس سال قبل کے مسلمانوں کی نسبت زیادہ بیدار ہے لیکن وہ توپوں اور تلواروں کی طرف بھاگ رہاہے ۔وہ حسرت سے ایٹم بم بنانے والوں کی طر ف دیکھ رہاہے اور اس امید میں ہے کہ وہ اسے بھی صدقہ کے طور
پر کچھ ہتھیار دے دیں لکین حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ذریعہ خدا تعالیٰ نے ہمیں بتایا کہ تمہاری توپ قرآن ہے ۔تمہاری رائفل قرآن ہے ۔تمہاری بندوق قرآن ہے تمہاراپستول قرآن ہے قرآن وہ ہتھیار ہے جس سے تم نے دنیا کاسر کچلنا ہے پس تم فتح کے لئے اس امر کے محتاج نہیںہو کہ انگلستان تمہیںتوپیں دے ۔تم فتح کے لئے اس امر کے محتاج نہیں ہوکہ امریکہ تم پر مہربان ہو اور ایک دو ایٹم بم دے دے ۔یا فرانس اورجرمن تمہیں کیمیاوی چیزیں پیدا کر کے دے بلکہ تمہارا کام یہ ہے کہ تم قرآن کریم لو اور دنیا کو فتح کرلو ۔
قرآن وہ کتاب ہے جو انسان کے دل میں خداتعالیٰ کی خشیت پیدا کر کے اس کو خدا کی طرف لے جاتی ہے اور انسان کی جتنی طبعی اورروحانی ضرورتیں ہیں ان سب کو پوراکرتی ہے چنانچہ اللہ تعالیٰ فرماتاہے ۔وَلَقَد صَرَّفنَا لِلنَّاسِ فِی ھٰذَا القُراٰنِ مِنْ کلِّ مَثَلٍ (بنی اسرائیل ۔۹)ہم نے اس قرآن میں پھیر پھیر کراور چکر دے دے کر اور نئے نئے اسلوب سے اور نئی نئی طرز سے تمام قسم کی فطرتوں کے لئے مضامین بیان کردیئے ہیں۔
دنیامیں دو ہی چیزیں ہوتی ہیں جو کسی تعلیم کی برتری کو ثابت کرتی ہیں۔ ایک یہ کہ ہر قسم کے مضامین اس میں بیان ہوں۔ اوردوسرےؔ یہ کہ مختلف طبقات میں سے ہر طبقہ کیلئے اس میں مضامین بیان ہوں اور یہ دونوں خصوصیتں قرآن کریم میں پائی جاتی ہیں گویا کوئی انسان نہیں رہا جو قرآن نے بیان نہ کی ہو۔ جب ہر بات اس بیان کردی گئی ہے اور ہر قسم کے لوگوں کی فطرت کو ملحوظ رکھ کر اس میں تعلیم نازل کردی گئی ہے۔توپھر بنی نوع انسان کو اپنے خدا کی محبت او را س کا پیا رکیوں حاصل نہ ہو ۔بیشک پرانے زمانہ میں موسیٰؑ اور عیسیٰؑ اوردوسرے نبیوں کو خدا ملا اور ہم اس پر ایمان رکھتے ہیں ۔لیکن ہمارا دل اس سے تسلی نہیں پاتا ۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہمیں بھی خدا کی محبت حاصل ہو ۔اور زندہ کتا ب وہی کہلا سکتی ہے جوزندہ خدا سے ہمار ا تعلق پیدا کردے ۔ اگر وہ ہمیں خدا سے نہیں ملاتی تو اس کتا ب کا وجود اور عدم ہمارے لئے برابر ہوجاتا ہے اور قرآن کہتا ہے کہ ہم نے ہر انسان کی روحانی ضرورتوںکے پوراکرنے کے سامان اس کتاب میں رکھ دیئے ہیں پس جو بھی سچے دل سے اس پر عمل کرے گا وہ اپنے خدا کو پالے گا ۔اسی طرح فرماتا ہے وَاُوْحِیْ اِلَیَّ ھٰذَا الْقُرْاٰنُ لِاُ نْذِرَکُمْ بِہٖ وَمَنْ بَلَغَ۔(انعام آیت ۲۰)اے محمد رسول اللہ تو لوگوںسے کہہ دے کہ یہ قرآن میری طرف اس لئے وحی کیا گیا ہے کہ میں اس کے ذریعے سے تمہیں بھی فائدہ پہنچائو اور وہ تمام لوگ جن کے کانوں تک اس کی آواز پہنچے ان کو بھی فائدہ پہنچائو ں۔ ایک طرف قرآن کریم نے یہ دعویٰ کیا کہ اس میں ہر قسم کے مضامین بیان کئے گئے ہیں اور ہر قسم کے لوگوں کو مخاطب کیا گیا ہے اور دوسری طرف اس نے یہ کہا ہے کہ جس کے ہاتھ میں بھی یہ قرآ ن ہے اس کو فائدہ پہنچے گا کیونکہ یہ اسی لئے نازل کیا گیا ہے کہ وہ سب لوگ جن کے کانوں تک اس کی آواز پہنچے اُن کو فائدہ پہنچائے ۔
پس قرآن کریم ایک بہت بڑا ہتھیار ہے جو محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو عطاکیاگیا ۔موسیٰؑ کا عصاتو صرف تھوڑی دیر کیلئے فرعونیوں کو سانپ کی شکل میں نظر آیا تھا جسے کچھ دیر کے لئے ان کے جسموںپر لرزہ بھی طاری ہوا مگر قرآن وہ کتاب ہے جو آج تک انزار کا کام کررہی اور پھر اس کا انداز کسی ایک قوم یا ایک ملک سے مخصوص نہیں بلکہ دنیا کی تمام اقوام اور دنیا کے تمام ممالک اس کے دائرہ انزارمیں شامل ہیں اور پھر اس کے انزار کی وسعت زمانوں کی قیود سے بھی بالا ہے۔ قیاموں تک کوئی زمانہ ایسا نہیں آسکتا جس میں
قرآن دشمنانِ اسلام کے لئے ایک نذیر مبین کا کا م نہ کررہا ہویا اس کے انزاری نشانات ان کی شان و شوکت کو مٹا کر اسلام کو غلبہ دینے کی طاقت نہ رکھتے ہوں۔ پھر موسیٰؑ کا عصا صرف موسیٰؑ کے ہاتھ میں ہی نشان دکھا سکتا تھا مگر قرآن جس طرح محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کیلئے ایک زندہ کتاب تھی اسی طرح آج سچے اورمخلص مومن کیلئے بھی وہ ایک زندہ کتاب ہے ۔ اور جس طرح وہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنے حقائق و معارف کی کان میں سے لاتعداد ہیرے اور جواہر پیش کرتی تھی اسی طرح وہ امت محمدیہ کے ہر مخلص فرد کو اس کے ایمان اور اخلاص کے مطابق اپنے معارف سے حصہ دیتی او راپنے علوم سے بہرہ ورکرتی ہے ۔ کیونکہ اس کا نزول اس ہستی کی طرف سے ہے جسے غیب کا علم ہے اور جو انسان کے خیالات اور جذبات اور افکار کو جانتی ہے ۔دنیا میں کوئی انسان خواہ اس کا تجربہ کتنا ہی وسیع کیوں نہ ہو تمام افراد کے تما م افکار تمام جذبات اور تمام خیالات کا واقف نہیں ہوسکتا تمام انسانوں کا جذبات افکار اور ان کے خیالات کو وہی ذات سمجھ سکتی ہے جس نے انہیں پیدا کیا ہے اور وہ قرآن کریم میںبولتی ہے اور ہر شخص اپنی ضرورت کی چیز اس میں سے لے جاتا ہے ۔دنیا میں کسی کو کھدر کی ضرورت ہوتی ہے کسی کو لٹھے کی ضرورت ہوتی ہے۔زربفت وکمخواب کی ضرورت ہوتی ہے ۔ کسی کو سرد یا گرم سوٹ یا رشمی کپڑوں کی مختلف اقسام کی ضرورت ہوتی ہے۔جب کوئی شخص اپنی اپنی ضرورت کے مطابق کپڑے خرید کر دکان سے باہر نکلتا ہے تو اس کی گھٹڑی میںسے ہر قسم کے کپڑے نہیں مل سکتے ہرقسم کے کپڑے صرف دکان سے ہی مل سکتے ہیںجوشہر یا گائوںکے لوگوںکی ضروریات کے لئے قائم ہوتی ہے۔ ایک عالم کی مثال ایسی ہی ہوتی ہے جیسا ایک کپڑا خریدنے والا ۔ ایک بہت بڑے عالم کی مثال ایسی ہوتی ہے جیسے بہت بڑا امیر جو اپنے خاندان کی ضرورت کے مطابق دکان سے مختلف قسم کے کپڑے ایک بڑی مقدار میں خریدتا ہے ۔تم اس امیر کی شخص کی گھٹڑی میں کپڑے کی میں کپڑے کی بہت سی اقسام دیکھو گے تم اس میں لٹھّے کے تھان دیکھو گے ۔ تم زربفت و کمخواب دیکھو گے ۔ تم کوٹوں کے کپڑے دیکھو گے ۔ لیکن پھر بھی کپڑے کی بیسیوں اقسام ایسی رہ جائیں گی جو تمہیں اس گھٹڑی میں نظر نہیں آئیں گی حالانکہ وہ ہزاروں روپے کا کپڑا خرید کر لایا ہوگا ۔ اسی طرح جو شخص قرآن کریم کا مطالعہ کرتا ہے۔ اس کا علم خواہ کتنا تھوڑا ہو وہ اگر قرآن کریم کیساتھ موانست رکھتا ہے تو اس کا دماغ اپنی ضرورت کے مطابق قرآ ن کریم سے چیزیں لے لیتا ہے ۔ کیونکہ قرآن کریم کی مثال دنیاکی سی ہے جس کے جنگلوں میں تم جاتے ہو اور اپنی ضرورت کے مطابق کوئی نہ کوئی درخت کاٹ لاتے ہو۔ لیکن اس کے اندر پائی جانے والی دھاتوں کی اصلیت تمہیں معلوم نہیں ہوتی۔ اسی طرح قرآنی علوم کو سمجھنے والے افراد قرآن کے سمجھنے میں دوسروں کے ممد تو ہوسکتے ہیں۔ لیکن قرآن کریم کے قائم مقام نہیں ہو سکتے۔قرآن کریم کا قائم مقام قرآن کریم ہی ہے۔بڑے بڑے مفسر بلکہ ایک نبی بھی اس کا مؤید ۔معین اور ناصر تو ہو اس کا قائم مقام نہیں۔ حتی کہ وہ وجود جو خود قرآن تھا یعنی محمد رسول صلی اللہ علیہ وسلم وہ بھی اس کا قائم مقام نہیں ہوسکتا ۔ وہ زمین میں یورینیم پائی جاتی ہے جس سے ایٹم بنتا ہے وہ ساری چیزوں کو نہیںجانتی ۔ وہ ماں بھی بچے کو پوری طرح نہیں جانتی جس نے نو ماہ تک بچے کو پیٹ میں رکھا ۔قرآن قرآ ن ہی ہے۔ اور انسان انسان ہی ہے ۔ہر موقعہ۔ ہر ضرورت ،ہر جذبہ اور ہر فکر کی تبدیلی پر قرآن اپنے پڑھنے والے کے لئے ایک نیا روپ بدلتا ہے ۔وہ ہر متلاشی کے لئے نیا روپ بدلتا ہے۔ وہ ہر شخص کے لئے نیا دروازہ کھولتا ہے جو اسے حاصل کرنا چاہتاہے۔ پس قرآن کریم کے ساتھ محبت اورپیار کرو اور اس پر غور اور فکر کی عادت ڈالو۔ اس کے بغیر نہ خدا تعالیٰ کی محبت پیدا ہوسکتی
ہے اورنہ صحیح اسلامی روح پیدا ہوسکتی ہے ۔ بانی سلسلہ احمدیہؑ نے قرآن کریم کی اسی فضیلت کا اپنے ایک شعر میں اس طرح ذکر فرمایا ہے کہ ؎
پہلے سمجھے تھے کہ موسیٰؑ کا عصا ہے فرقاں
پھر جو سوچا تو ہر اک لفظ مسیحا نکلا
یعنی پہلے ہم نے یہ سمجھا کہ جس طرح موسیٰؑ کا عصا ساحروں کے سانپ نگل گیا تھا ۔اسی طرح قرآن کریم بھی اپنے دلائل براہین اور معجزات ونشانات کے ذریعہ سے دشمنانِ اسلام کے پھیلائے ہوئے جالوں کو تارتار کر دیتا ہے اور اس لحاظ سے موسیٰؑ کے عصا کیساتھ مشابہت ہے لیکن جب ہم زیادہ غور کیا اور قرآن کریم کے مطالب پر گہری نگاہ ڈالی تو ہمیں نظر آیا کہ قرآن کریم موسیٰؑ کے عصا سے لاکھوں گُنا بڑھ کر ہے کیونکہ موسیٰؑ کے عصا سے تو صرف ساحروں کا بھانڈا پھوٹا اور اُن کے سانپ فنا ہوئے مگر قرآن کریم نہ صرف دشمنانِ اسلام کی سرکوبی کے لئے ہروقت ایک چوکس اور ہوشیار جرنیل کی طرح اپنے فرائض سرانجام دیتا ہے بلکہ اُس کا ایک ایک لفظ مُردوں کو زندہ کرنے والا اور اُن کے اندر زندگی کی تازہ روح پھونکنے والا ہے گویا موسوی عصا نے صرف اتنا کام کیا کہ دشمن کا سرپاش پاش کردیا۔ اوراُسے روحانی لحاظ سے موت کے گھاٹ اتار دیا ۔ مگر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا لایا ہوا قرآن صرف دشمنوں کو ہلاک ہی نہیںکرتا بلکہ اُن کو ازسر نو زندہ کرکے خدا تعالیٰ کا مقرب بھی بنا دیتا ہے ۔اور وہ صرف دفع شر کی ہی خاصیت اپنے اندر نہیں رکھتا بلکہ ایصالِ خیر کا پہلو بھی اس میں بدرجہ کمال پایا جاتا ہے اور وہ مُردوں کو زندہ کرنے کی اپنے اندر طاقت رکھتا ہے۔ چنانچہ قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ اسی خصوصیت کا ذکر کرتے ہوئے فرماتا ہے کہ یٰٓاَیُّھَا الَّذیْنَ اٰمَنُوْا اسْتَجِیْبُوْالِلّٰہِ وَلِرَّسْوِلِ اِذَا دعَاکُمْ لِمَا یُحْیِیْکُمْ(انفال آیت ۲۵)یعنی اے مومنو! جب خدا اور اس کا رسول تمہیں زندہ کرنے کے لئے آواز دے تو تم اُس کی آواز پر فوراًلبیک کہا کرو۔ یہ آیت بتاتی ہے کہ قرآن کریم مُردوں کو زندہ کرنے کے لئے آیا ہے بے شک اُس کی تعلیم پر عمل کرکے اندھے آنکھیں پا سکتے ہیں۔ بہرے شنوا ہوسکتے ہیں۔ لنگڑے لولے چل پھر سکتے ہیں۔ مگر اس سے بھی بڑھ کر قرآن کریم میںیہ خوبی ہے کہ اس کی تعلیم پر عمل کر کے مُردے بھی زندہ ہوسکتے ہیں اور اُن میں بھی ایک نئی روحانی حیات پیدا ہوجات ہے ۔یہی روح تھی جس نے عرب کی سرزمین میں ایک انقلاب پیدا کردیا۔ اور وہ لوگ جو اصنام واجماد کے آگے سربسجود رہا کرتے تھے اور ہرقسم کے فواحش کے ارتکاب میں ایک لذت اور سرور محسوس کیا کرتے تھے خدائے واحد کے ایسے پرستار ہوئے کہ انہوں نے بھیڑ بکریوں کی طرح اُس کی راہ میں اپنے سر کٹوادیئے اور خداتعالیٰ کے قرب میں بڑھتے چلے گئے ۔پس موسیٰؑ کا عصا اس عظیم الشان انعام کے مقابلہ میں کوئی حقیقت ہی نہیں رکھتا۔ جو محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کوعطا کیا گیا ۔ اورجو آج بھی دشمنانِ دین کیلئے ایک برہانِ قاطع کی حیثیت رکھتا ہے۔
دوسراؔ نشان جو فرعون کے دربا ر میں دکھایا گیا وہ یہ تھا کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام کا ہاتھ انہیں بالکل نورانی اور سفید دکھائی دیا یہ نشان بھی بے شک بہت بڑا ہے جو حضرت موسیٰؑ کے تقدس اور ان کے اعلیٰ شان کو ظاہر کرتا ہے ۔اوران برکات پر روشنی ڈالتا ہے جن کا ان کے ہاتھ پر ظہور مقدر تھا ۔مگر اللہ تعالیٰ نے محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اس پہلو میں بھی ایک نمایا ں فضیلت عطا فرمائی ۔ چنانچہ موسیٰؑ کا تو صرف ہاتھ سفید دکھائی دیا مگر محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ تعالیٰ نے سرتاپا ایک نورِ مجسم قرار دیا ۔چنانچہ اللہ تعالیٰ نے بنی نوع انسان کو خوشخبری دیتے ہوئے فرمایا کہ :۔یٰٓاَ یُّھَا النَّاسُ قَدْ جَآ ئَ کُمْ بُرْھَانٌ مِّنْ رَّبِّکُمْ وَاَنْزَلْنَٓا اِلَیْکُمْ نُوْرًا مُّبِیْناً(نسآء آیت ۱۷۵)
یعنی اے لوگو! تمہارے پاس تمہارے رب کی طرف سے ایک کھلی دلیل آ چکی ہے اور ہم نے تمہاری طرف ایک نہایت روشن نور نازل کیا ہے۔ اسی طرح فرمایا کہ قَدْ جَآعَ کُمْ مِّنْ اللّٰہِ نُوْرٌ وَّ کِتَابٌ مُّبِیْنٌ۔(مائدہ آیت ۱۶)تمہارے لئے اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک نور اور روشن کتا ب آچکی ہے ۔پس موسیٰؑ کے تو صرف ایک ہاتھ سے نورانی شعاعیں نکلتی دکھائی دی تھیں مگر محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ تعالیٰ نے سرتاپانور کا ایک پیکر بنایا۔ اور یہ فرق اس لئے تھا کہ موسیٰؑ نے صرف بنی اسرائیل کی اصلاح کا کام سرانجام دینا تھا مگر محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ تعالیٰ نے تمام دنیا کی اصلاح کے لئے بھیجا تھا۔ اس لئے موسیٰؑ کا تو صرف ایک ہاتھ نور کی شکل میں دکھائی دیا۔ مگر محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم خداتعالیٰ نے سر سے پیر تک نور ہی نور قرار دے دیا ۔
پھر موسیٰؑ کا ہاتھ بیشک نورانی دکھائی دیا مگر بہرحال وہ موسیٰؑ کاہی ہاتھ تھا مگر محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھ کو خدا تعالیٰ نے اپنا ہاتھ قرار دیا اور فرمایا کہ اِنَّ الَّذِیْنَ یُبَایِعُدْنَکَ اِنَّمَا یُبَایِعُوْنَ اللّٰہَ یَدُاللّٰہِ فَوْقَ اَیْدِیْھِمْ(فتح آیت ۱۱)یعنی وہ لوگ جو تیر ی بیعت کرتے ہیں وہ تیری بیعت نہیں کرتے بلکہ اللہ تعالیٰ کی بیعت کرتے ہیں اوران کے ہاتھ پر تیرا ہاتھ نہیں ہوتا بلکہ اللہ تعالیٰ کاہاتھ ہوتاہے ۔بظاہر انہیں وہ ہاتھ محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا دکھائی دیتا ہے مگر حقیقتاً وہ اللہ تعالیٰ کا ہاتھ ہوتاہے اسی طرح غزوہ بدر میںجب آپ ؐ نے کفار کی طرف کنکروں کی مُٹھی پھینکی اور اس کے ساتھ ایک طوفانِ باد اٹھا جس نے کفا ر کی آنکھوں کو آندھا کردیا ۔ تو اس واقعہ کاذکر کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔وَمَا رَمَیْتَ اِذْ رَمَیْتَ وَلٰکِنَّ اللّٰہَ رَمَی۔ (انفال آیت ۱۸)اے محمدرسول اللہ !جب تو نے کفار کی طرف کنکر پھینکے تھے تو تونے نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ نے پھینکے تھے ۔ پس موسیٰؑ کا ہاتھ خواہ کس قدر نورانی نظر آیا ۔بہرحال وہ موسیٰؑ کا ہی ہاتھ تھا مگر محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھ کو خدا تعالیٰ نے اپنا ہاتھ قرار دے دیا ۔
پھر اگر ہاتھ کی سفید ی سے یہ اشارہ سمجھا جائے کہ اللہ تعالیٰ ان کی قوم کو روحانی لحاط سے بڑی پاکیزگی عطافرمائے گا ۔اور وہ دین کے لئے بڑی قربانیاں کرنے والے ہوں گے تو اس پہلو کے لحاظ سے بھی اللہ تعالیٰ نے محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو حضرت موسیٰ علیہ السلام پرنمایاں فضیلت عطافرمائی ہے ۔حضرت موسیٰ علیہ السلام کی قوم کے ساتھ اللہ تعالیٰ نے یہ وعدہ کیا تھا کہ اُسے کنعان کا ملک بنا دیا جائے گا ۔حضرت موسیٰ علیہ السلام اپنی قوم کو ساتھ لے کرمصر سے چل پڑے اور جب وہ ملک سامنے آگیا تو آپ نے اپنی قوم سے کہا کہ جائو اورلڑائی کرکے اس ملک پر قبضہ کرلو ۔حضرت موسیٰؑ کی قوم نے غلطی سے یہ خیال کرلیا کہ خدا تعالیٰ نے یہ ملک ہمیں دینے کا وعدہ کیا ہوا ہے ۔اس لئے وہ خود ہی اس وعدہ کو پورا کرے گا اور یہ ملک ہمارے قبضہ میں دے دے گا ۔ اگر ہم نے ہی اس ملک کو فتح کرنا تھا تو پھر وعدے کا کیا فائدہ۔چنانچہ انہوں نے حضرت موسیٰ علیہ السلام سے کہہ دیا کہ فَاذْھَبْ اَنْتَ وَرَبُّکَ فَقَاتِلَآ اِنَّا ھٰھُنَا قَاعِدُوْنَ(مائدہ آیت ۲۵) کہ اے موسیٰؑ! تو اور تیرا رب دونوں جائو او ردشمنوں سے لڑو ۔ ہم تو یہیں بیٹھیں گے جب تم ملک فتح کرکے ہمیں دے دو گے تو ہم اس میں داخل ہوجائیں گے ۔ اللہ تعالیٰ کو اس قوم کی یہ بات سخت ناگوار گذری اور اس نے کہا کہ اب چالیس سال تک تم اس ملک میں داخل نہیں ہوسکتے چالیس سال تک تم جنگلوں میں بھٹکتے پھرو۔پھر اللہ تعالیٰ تمہاری نئی نسل کو اس امر کی توفیق دے گا کہ وہ اپنی جانیں قربان کرکے اس ملک میں داخل ہوں۔ اور خد اتعالیٰ کے انعامات کے مورد ہوں۔ غرض موسیٰؑ کو وہ قوم ملی جس نے خدا تعالیٰ کا اتنا بڑا نشان دیکھنے کے باوجود کہ اسے فرعون کی غلامی سے آزادی ملی اسے اور اس کی آئندہ نسلوں کو فرعونیوں کے لئے اینٹیں بنانے اور لکڑیاں کاٹنے اور ہر ذلیل سے ذلیل کام کرنے سے نجات ملی پھر بھی موسیٰؑ کا حکم ماننے سے انکار کردیا ۔اور جب انہیں کہا گیا کہ اٹھو اور اس عظیم الشان ملک پر قبضہ کرلو جس پر عاد قوم حکمران ہے تو انہوں نے کہہ دیا کہ ہم سے یہ کام نہیں ہوسکتا ۔ تو اور تیرا رب دونوں جائو اور دشمنوں سے لڑتے پھرو۔جب دشمن مرگیا اور ہمیں اطمینان ہوگیا کہ اب ہماری جانوں کو کوئی خطرہ پیش نہیں آئے گا تو ہم اس ملک کی حکومت سنبھال لیں گے لیکن محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ تعالیٰ نے وہ صحابہؓ عطا فرمائے جنہوںنے موسیٰؑ کے ساتھیوں کی طرح کسی ایک مقام پر بھی یہ نہیںکہا کہ ہم اپنی جانیں قربان کرنے کے لئے تیار نہیں بلکہ وہ آپؐ کے دائیں بھی لڑے اور بائیں بھی لڑے ۔ اور آگے بھی لڑے اور پیچھے بھی لڑے ۔ اور انہوں نے ہر نازک سے نازک مقام پر اپنی فدائیت اور جان نثاری کو ثابت کردیا ۔تاریخوں میں لکھا ہے کہ ہجرت مدینہ کے بعد رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو اطلاع ملی کہ ابو سفیان ایک تجارتی قافلہ کیساتھ شام کی طرف سے آرہا ہے اور راستہ میں تمام قبائل کو مسلمانوں کے خلاف اکساتا چلا آتاہے ۔اور قافلہ کا راستہ بھی مدینہ کے پاس سے گذرتا تھا اور گو ایسا قریب تو نہیں تھا مگر مکہ کی نسبت مدینہ سے زیادہ قریب تھا ۔تمام قبائل جو مدینہ کے گرد رہتے تھے وہ شام سے آنے والے قافلہ سے ملتے اور تجارتی چیزوں کا آپس میں تبادلہ کرتے تھے ۔اس لئے شام سے جو قافلہ آتا اس کے مدینہ کے تمام قبائل سے ہوجاتے تھے اور چونکہ اس قافلہ میں ایسے لوگ موجود تھے جو مسلمانوں کے خلاف لوگوں کو اکساتے اور اشتعال دلاتے تھے اس لئے جب رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ علم ہوا کہ ابو سفیان قافلہ کو لے مدینہ کے پاس گذررہا ہے اوریہ بھی معلوم ہواکہ مکہ والے بھی اس خیال سے کہ قافلہ پر مدینہ والے حملہ نہ کریں کچھ لشکر لے کرنکلے ہیں تو آپ نے اپنے دوستوں سے مشورہ لیا کہ اگر ہم مدینہ میں بیٹھے رہے تو دشمن دلیر ہوجائے گا۔ ہمیں آگے چلنا چاہیئے تاکہ دشمن یہ نہ سمجھے کہ ہم اس سے ڈرتے ہیں۔ چنانچہ آپ صحابہؓ کی ایک جماعت کو لے مدینہ سے باہر تشریف لے گئے اور بدر کے مقام پر پہنچے ۔ الٰہی اشارات سے آپ کو معلوم ہوچکاتھا کہ مکہ سے ایک لشکر آرہا ہے جس کے ساتھ مسلمانوں کا مقابلہ ہوگا ۔ لیکن آپ کو یہ اجازت نہیںتھی کہ آپ اس خبر کو ظاہر کریں ۔ نتیجہ یہ نکلا مدینہ سے بہت کم لوگ آپ کے ساتھ گئے ۔کیونکہ وہ اسے لڑائی نہیںسمجھتے تھے بلکہ صرف جرأت کے اظہار کا ایک موقعہ سمجھتے تھے ۔ بدر کے مقام کے قریب جا کر آپ نے مناسب سمجھا کہ اب یہ بات ظاہر کردی جائے چنانچہ آپ نے لوگوں کو جمع کیا ۔اور فرمایا ۔ اے لوگو!مجھے خدانے کہا ہے کہ دشمن کا لشکر قریب آگیا ہے اور بجائے اس کے کہ قافلہ سے لڑائی ہو شاید اسے سے لڑائی ہوجائے ۔ تمہاری اس بارہ میں کیا رائے ہے؟مہاجرین یکے بعد دیگرے کھڑے ہونے شروع ہوئے اور انہوں نے کہا ۔ یارسول اللہ !ہم لڑنے کے لئے تیار ہیں۔ لیکن انصار خاموش رہے ۔ وہ اس لئے خاموش رہے کہ جو فوج آرہی تھی اس میں مہاجرین کے بھائی بہنوئی ۔سالے ۔چچے اور تائے وغیرہ اور اسی طرح اور قریبی رشتہ دار تھے ۔ انہوں نے خیال کیا کہ اگر ہم نے کہا ۔ ہم لڑنے کے لئے تیار ہیں تو مہاجرین سمجھیں گے کہ ہمیں ان کے رشتہ داروں سے لڑنے کا شوق ہے پس ان کی دلجوئی اور مہمانوں کی عزت کی وجہ سے سب انصار خاموش رہے ۔ مہاجرین یکے بعد دیگرے اٹھتے اور اٹھ اٹھ کر قربانی کی رغبت ایثار اور فدائیت کے جوش کا اظہار کرتے لیکن رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم ہر صحابی کی تقریر کے بعد فرماتے ۔ کہ اے لوگو!مجھے مشورہ دو۔ جب آپ نے متواتر یہ بات دہرائی تو ایک انصاری اٹھے اور انہوں نے کہا۔ یارسول اللہ !آپ کو مشورہ تو دیا جارہاہے ۔ لیکن باوجود مشورہ پیش کئے جانے کے آپ یہی فرماتے ہیں کہ اے لوگو مشورہ دو۔ شاید آپ کی مراد لوگوں سے ہم انصار ہیں کہ ہم بھی مشورہ دیں ۔ورنہ مشورہ تو آپ کو مل ہی رہا ہے۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ۔ٹھیک ہے ۔میری یہی مراد تھی اس صحابی نے کہا۔ یارسول اللہ ! ہم نے آپ سے مکہ میں ایک معائدہ کیا تھا اور اقرار کیا تھا کہ اگر دشمن مدینہ پر حملہ آور ہواتو ہم ہر طرح اس کا مقابلہ کریں گے لیکن مدینہ سے باہر اگر لڑائی ہوئی تو ہم اس معائدہ کے پابند نہیں ہوںگے ۔ کیونکہ ہمارے اند راتنی طاقت نہیںکہ سارے عرب سے لڑ سکیں۔ شاید آپ جو باربار ہم مشورہ چاہتے ہیںتو آپ کا اشارہ اس معاہد ہ کی طرف ہے ۔ آپ نے فرمایا ۔ٹھیک ہے اس انصاری نے یہ بات سن کر بڑے جوش سے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں عرض کیا کہ یا رسول اللہ!جب آپ سے ہم نے مکہ میں وہ معاہد ہ کیا تھااس وقت تک آپ کا مقام ہم پر پوری طرح روشن نہیں ہوا تھا ۔ صرف ایک محدود روشنی ہمیں ملی تھی اور ہم شرطیں باندھنے میںکوئی حرج نہیں سمجھتے تھے لیکن یارسول اللہ ! اس کے بعد حقیقت اسلام ہم پر پوری طرح کھل چکی ہے اور آپ کی صداقت کو ہم نے پوری طرح پرکھ لیا ہے ۔ اس صداقت کے روشن ہوجانے اور پرکھنے کے بعد کیا اب بھی کوئی شرط باقی رہ سکتی ہے۔اب تو شرطوں کا سوال ہی نہیں یا رسول اللہ ! اگر آپ ہمیں حکم دیں کہ تم اپنے گھوڑوں اور سواریوں کو سمندر میںڈال دو تو ہم بغیر کسی ہچکچاہٹ کے سمندر میں اپنے ڈال دیں گے اور یارسول اللہ! اگر یہاں جنگ ہوئی تو دشمن گو طاقت ور ہے اور تعدا د میںبھی بہت زیادہ ہے۔مگر ہم آپ کے دائیں بھی لڑیں گے اور بائیں بھی لڑیں گے۔ آگے بھی لڑیں گے پیچھے بھی لڑیں گے ۔ خدا کی قسم ! دشمن آپ تک نہیں پہنچ سکتا جب تک وہ ہماری لاشوں کو روندتا ہوا نہ گزرے ۔یہ وہ نمونہ ہے جو صحابہؓ نے دکھایا اور پھر منہ کی باتوں تک ہی انہوں نے اپنے جذبہ اخلاص کو محدود نہیںرکھا بلکہ عملی رنگ میں بھی وہ رات اور دن اسلام کے لئے قربانیاں کرتے رہے اور انہوں نے ایسی جانثاری کا نمونہ دکھایا کہ سر ولیم میور ؔ ’’لائف آف محمد ‘‘میں غزوئہ احزاب کا ذکر کرتے ہوئے لکھتا ہے کہ اس جنگ میں کفارکا اتنا بڑا لشکر جمع ہوا تھا کہ اس کے مقابلہ میں مسلمانوں کا شکست کھا جانا بالکل یقینی امر تھا ۔ مگر اتنے بڑے لشکر کے باوجود کفار کوجو کامیابی حاصل نہ ہوئی تو اس کی وجہ صرف یہی تھی کہ کفارسے ایک سیاسی غلطی ہوئی۔ اور وہ یہ کہ جب وہ خندق پار کر کے آگے آ جاتے تو وہ اپنی بیوقوفی سے محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے خیمہ کیطرف بڑھنا شروع کردیتے تھے مگر محمد رسول اللہ کے صحابہؓ آپ پر اتنے فدا تھے کہ جب وہ دیکھتے کہ ان لوگوں کا منشاء یہ ہے کہ محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر حملہ کریںتو مرد عورتیں اور بچے پاگلوں کی طرح دشمن کے لشکر کے سامنے آجاتے تھے اور وہ شکست کھانے پر مجبور ہوجاتا تھا اگر وہ یہ بیوقوفی نہ کرتے کہ محمدرسول اللہ کے خیمہ کی طرف رجوع کرتے تو ممکن ہے کہ انکو احزاب میں فتح ہوجاتی۔ غرض صحابہ نے اپنے عشق کا جو نمونہ دکھایا موسیٰؑ کی جماعت کا نمونہ اس کے مقابلہ میں کوئی
حقیقت ہی نہیںرکھتا ۔ پس محمد رسول اللہ کا ید بیضاء موسیٰؑ کے ید بیضاء سے افضل ہے اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا عصا قرآنی موسیٰؑ کے عصا پر ہر لحاظ سے فضیلت رکھتا ہے۔
قَالَ لِلْمَلَاِ حَوْلَہٓٗ اِ نَّ ھٰذَا لَسٰحِرٌ عَلِیْمٌ٭
اِس پر فرعون نے اپنے اردگرد کے سرداروں سے کہا یہ یہ تو کوئی بڑا واقف کار جادوگر ہے
یُّرِیْدُ اَنَ یُّخْرِجَکُمْ مِّنْ اَرْضِکُمْ بِسِحْرِہٖ ۔ فَمَا ذَا تَامُرُوْنَ٭
یہ چاہتا ہے کہ اپنے جادو کے ذریعہ سے تم کو تمہارے ملک سے نکال دے۔پس بتاؤ تم کیا مشورہ دیتے ہو۔
قَالُوْٓا اَرْجِہْ وَاَخَاہُ وَابْعَثْ فِی الْمَدَٓائِنِ حٰشِرِیْنَ٭
انہوں نے کہا۔ اس کو اور اس کے بھا ئی کو (کچھ دن) ڈھیل دے۔اور مختلف شہروں کی طرف آدمی بھجوا جو (قابل آدمیوں کو) جمع کرسکیں۔
یَاْتُوْکَ بِکُلِّ سَحَّارٍ عَلِیْمٍ٭
(اور)ہر بڑے جادو گر اور بڑے جاننے والے کو تیرے پاس لے آئیں۔
فَجُمِعَ السَّحَرَۃُ لِمِیْقَاتِ یَوْمٍ مَّعْلُوْمٍ٭
اس پر سب جادوگر ایک معلوم دن پر جمع کئے گئے۔
وَّ قِیْلَ لِلنَّاسِ ھَلْ اَنْتُمْ مُّجْتَمِعُوْنَ٭
اور لوگوں سے کہاگیا۔ کیا تم سب (ایک مقصد پر) اکٹھے ہونے کے لئے تیا رہو(کہ نہیں)۔
لَعَلَّنَا نَتَّبِعُ السَّحَرَۃَ اِنْ کَانُوْ اھُمُ الْغٰلِبِیْنَ٭
تاکہ اگر جادو گر غالب ہوجائیں تو ہم اُن کے کہنے پر چلیں۔ ۹؎
۹؎حل لغات:۔اَرْجِہْ :اَرْجَہَ الْاَمْرَکے معنی ہیں اَخَّرَہٗ عَنْ وَقْتِہٖ کسی معاملہ کو اس کے وقت سے پیچھے ہٹادیا (اقرب )اَرْجِہْ امر کاصیغہ ہے اس لئے اس کے معنی ہوں گے ۔پیچھے ہٹادے ۔یعنی ڈھیل دے دے ۔
میقا ت :مطلق وقت کوبھی کہتے ہیں ۔اور اس وقت کو بھی کہتے ہیں جو کسی چیز کے لئے مقرر کیاجائے نیز اس کے معنی ہیں الموعود الّذی جعل لہ وقت وہ وعدہ جس کے لئے کوئی وقت مقرر کیاجائے ۔وَقَدْ یُسْتَعَارُ لِلْمَوْضِعِ ِالَّذِیْ جُعِلَ
وَقْتًالِلشَّی ئِّاور کبھی اس جگہ کو بھی میقات کہہ دیتے ہیں جو کسی کام کے سر انجام دینے کے لئے مقرر کی جائے (اقرب)
تفسیر:۔جب فرعون نے موسوی عصا اور ید بیضاء کا نشان دیکھا توچونکہ وہ دینی علوم سے بے بہرہ تھا اُس نے یہ نہ سمجھا کہ یہ ایک کشف ہے جس میں اردگردکے لوگوں کو بھی شامل کرلیا گیا ہے بلکہ سمجھا کہ شاید یہ کوئی جادو گر ہے جو اپنے فن میں بڑا مشّاق ہے اور چونکہ جادو گر روحانی آدمی نہیں ہوتا اس لئے خیال کرلیا کہ ضرور اس جادوگر کے پیچھے کوئی غرض ہوگی اور وہ غرض اُس نے یہ نکالی کہ یہ ہم کو اپنے ملک سے نکالنا چاہتا ہے اس بیوقوف نے یہ نہ سوچا کہ تھوڑی ہی دیر پہلے حضرت موسیٰ علیہ السلام اُس سے کہہ چکے تھے کہ میں تیرے پا س اس لئے آیا ہوں کہ تو بنی اسرائیل کو میرے ساتھ بھیج دے تو جو شخص بنی اسرائیل کو مصر سے نکالنے کی خواہش کرتا ہے وہ قبطیوں کو جو اس کی مخالف قوم تھے مصر سے نکالنے کا کس طرح ارادہ کرسکتا ہے ؟ یہ دونو ں باتیں تو متضاد ہیں۔اگر بنی اسرائیل نکل جاتے تو قبطیوں کے پائوں اور بھی مضبوط ہوجاتے ۔بنی اسرائیل کی نکالنے کی خواہش سے قبطیوں کے نکالنے کا ذکر کہاں سے نکلا؟ مگر معلوم ہوتا ہے کہ اس کے درباریوں کے ہوش کچھ ٹھکانے تھے انہوں نے سمجھ لیا کہ بادشاہ بے تُکی باتیں کررہاہے موسیٰؑ کی باتوں سے تو یہ پتہ چلتا ہے کہ وہ اپنی قوم کو نکالنا چاہتا ہے یہ ظاہر نہیں ہوتا کہ وہ قبطیوں یعنی قوم فرعون کو نکالنا چاہتا ہے اس لئے انہوں نے کہا اس کو اور اس کے بھائی کو ابھی ڈھیل دیجیئے ۔اور اردگرد آدمی بھیجیئے کہ وہ تمام تمام بڑے بڑے ساحروں کو جمع کرلیں۔ اگر یہ واقعہ میں ساحر ہے نبی نہیں تو یہ اُن سے ہار جائے گا ۔ اور اس کا دعویٰ باطل ثابت ہوجائے گا چنانچہ لوگوں کو اعلان کر کے جمع کیا گیا او ر انہیںکہہ دیا گیا کہ اگر ساحر غالب رہے تو ہم اُن کے پیچھے چل پڑیں گے ۔ یہ فقرہ بتارہا ہے کہ کفار کی ذہنیت کیسی پست ہوتی ہے ۔ چونکہ ان کے دل خدا تعالیٰ کی خشیت سے بالکل خالی ہوتے ہیںاس لئے وہ نبی کو ماننے کیلئے تو کسی صور ت میں بھی تیا ر نہیں ہوتے ۔ لیکن ان کا مخالف تھوڑی سی بھی کامیابی حاصل کرلے تواُس کے پیچھے چلنے کے لئے تیار ہوجاتے ہیں قومِ فرعون کی ایسی افسوسناک ذہنیت کا قرآن کریم نے ایک اور مقام پر ان الفاظ میں ذکر فرمایاہے کہ وَلَقَدْ اَرسَلْنَامُوْسیٰ بِاٰیٰتِنَا وَسُلطٰنٍ مُّبِیْنٍ اِلیٰ فِرْعَوْنَ وَمَلَاْ ئِہٖ فَاتَّبَعُوْٓ ااَمْرَ فِرْعَوْنَ ۔وَمَآ اَمْرُ فِرْعَوْنَ بِرَشِیْدٍ۔(ھودع۹)یعنی ہم نے موسیٰؑ کو ہر قسم کے نشانات اور روشن دلائل دے کر فرعون اور اس کی قوم کے بڑے بڑے عمائد کی طرف بھیجا لیکن بجائے اس کے کہ موسیٰؑ کی پیروی کرتے انہوں نے فرعون کی پیروی کی ۔حالانکہ فرعون کی جو تعلیم تھی وہ صحیح راستہ دکھانے والی نہ تھی ۔لیکن پھر بھی جو گمراہی کیطرف لے جانے والا تھا اس کی بات تو انہوں نے مان لی او ر جو ہدایت کی طرف لے جانے والا تھا اس کی بات نہ مانی ۔
بدقسمتی سے یہی طریق ہمیشہ سے چلا آرہا ہے۔ جب رسو ل کریم صلی اللہ علیہ وسلم ظاہر ہوئے تو آپ نے جو تعلیم دی وہ بنی نوع انسان کو فلاح اور کامیابی کے مقام تک پہنچانے والی تھی مگر آپ کے بطن کے لوگوں نے ا س کا انکار کردیا اور پہلے تو ابوجہل کے پیچھے چلے جو فرعون کا ایک روحانی قائم مقام تھا اور اس کی ہر گندی اور فساد پھیلانے والی تعلیم کو انہوں نے قبول کرلیا اور رسو ل کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی اعلیٰ درجہ کی تعلیم کو رد کردیا آپؐ کے بعد بھی یہی ہوا ۔ حضرت ابوبکر ؓ خلیفہ ہوئے تو صحابہؓ آپ پر ایمان لے آئے مگر سارے عرب نے بغاوت کردی اور انہوں نے وہی طریق اختیا رکیا جو ابوجہل اور اس کے ساتھیوں نے اختیار کیا تھا اور اس وقت کے فراعنہ کے پیچھے چل پڑے ۔اس وقت کے فرعون مسلمہ کذاب ۔ اور اسودؔعنسی اور سجاح ؔوغیرہ تھے جنہوں نے جھوٹے طورپر نبوت کا دعویٰ کردیا
اور لوگ ان کے متّبع ہوگئے ۔ مگر جو رسو ل کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا سچا جانشین تھا اور لوگوں کے اندر اسلامی روح پیدا کرنے والا تھا اس کو چھوڑ دیا۔ پھر آپؐ کے بعد حضرت عمرؓ کو خدا تعالیٰ نے خلیفہ بنایا ۔ تب بھی یہی ہوا۔ حضرت عمر ؓ اپنی وفات کے قریب حج کیلئے گئے تو بعض لوگوں نے یہ کہنا شروع کردیا کہ عمرؓ مر جائیں گے تو ہم فلاں کو خلیفہ بنائیں گے ۔ اور کسی کی بیعت نہیں کریں گے ۔پھر اللہ تعالیٰ کی مشیئت کے ماتحت حضرت عثمان ؓ خلیفہ ہوئے تو ان کے زمانہ میں بھی عبداللہ بن صباح جیسے لوگوں نے فتنا کھڑا کردیا۔ یہ شخص بھی مصری تھا جیسا کہ فرعون مصری تھا اور لوگوں نے اس کی بات ماننا شروع کردی ۔ ان کے بعد حضرت علیؓ خلیفہ ہوئے ۔ تب بھی لوگوں نے یہی طریق اختیار کیا پہلے تو حضرت علیؓ کو خلیفہ بننے پر مجبور کیا اور پھر ایک چھوٹا سا عذر کرکے کہ معاویہؓ سے صلح کیوں کی انہیں لوگوں نے جنہوں نے آپ کو خلافت کیلئے کھڑا کیا تھا بغاو ت کردی اور خوارج کے نام سے الگ ہوگئے ۔اورانہوں نے دو صدیوں تک اسلام میں وہ تہلکہ مچایاکہ لوگوں کاا من بالکل برباد ہوگیا ۔اسی طرح رسول کریم ﷺ کی بعثت پر ایک لمبا عرصہ گذرگیا اور امت محمدیہ میں مختلف اولیاء پیداہوئے ۔تب بھی یہی ہوا کہ لوگوں نے ان کی نہ سنی بلکہ ان کے دشمنوں کی سنی جو اپنے وقت کے فرعون تھے اور ان کے پیچھے چل پڑے ۔چنانچہ حضرت معین الدین چشتی ؒ ۔حضرت قطب الدین صاحب بختیار کاکی ۔حضرت نظام الدین صاحب اولیاء اور حضرت خواجہ فریدالدین صاحب گنج شکر وغیرہ کی بھی مخالفت ہوئی ۔حضرت سید احمد صاحب سرہندی آئے تو لوگوں نے جہانگیر کے کان بھرنے شروع کردیئے کہ یہ شخص حکومت کاباغی ہے اسے جلدی سنبھالیں ورنہ سخت فتنہ پیداہوجائے گا۔چنانچہ جہانگیر نے انہیں گوالیار کے قلعہ میں قید کردیا ۔مگر پھر بعض لوگوں نے انہیں سمجھایاکہ یہ بزرگ انسان ہے اسے رہاکردو۔چنانچہ اس نے دانائی سے کام لے کرا نہیںرہاکردیا ۔
غرض جب سے اللہ تعالیٰ کے انبیاء اور خلفاء کاسلسلہ جاری ہے صداقت کی ہمیشہ مخالفت ہوتی چلی آئی ہے ۔یہی مخالفت کا جذبہ فرعون اور اس کی قوم کے اکابر کے دل و دماغ پربھی حاوی تھا ۔چنانچہ انہوں نے لوگوں کو جمع کیا ۔مگر انہیں یہ کہنے کی توفیق نہ ملی کہ اگر اس مقابلہ کے نتیجہ میں موسیٰ ؑغالب آگیا تو ہم موسیٰؑ کے پیچھے چل پڑیںگے اور اس کی بات مان لیں گے ۔بلکہ انہوں نے اگر لوگوں کے کان میں کوئی بات ڈالی تو صرف یہی کہ اگر جادوگر غالب آگئے تو ہم ان کے پیچھے چل پڑیںگے ۔حالانکہ مقابلہ میں اس بات کابھی امکان تھا کہ موسیٰؑ جیت جاتے اور جادوگر ہار جاتے مگر باوجود اس کے کہ دونوں پہلو ان کے سامنے موجود تھے اور وہ یہ بھی کہہ سکتے تھے کہ اگرجادوگر غالب آگئے تو ہم جادوگروں کی بات مان لیںگے اور اگرموسیٰؑ غالب آیاتو ہم موسیٰؑ کی بات مان لیں گے ۔انہوں نے صرف اتناکہاکہ اگر جادوگر غالب آئے تو ہم ان کے پیچھے چل پڑیں گے اور اس طرح انہوں نے اپنے دلوں کے بغض اورعنادکا اظہار کردیا ۔اور بتادیاکہ انہیں صداقت سے کوئی غرض نہیں۔وہ صرف فرعون کی خوشنودی حاصل کرناچاہتے ہیںاور اسی غرض کیلئے وہ اس مقابلہ کاانتظار کررہے ہیں۔
حضر ت موسیٰؑ جیسے عظیم الشان نبی کے مقابلہ میں ان کاساحروں کو بلانایہ بھی بتاتاہے کہ انبیاء کی ابتدائی حالت کتنی کمزور ہوتی ہے حضرت موسیٰؑ اللہ تعالیٰ کے نبی تھے اور آپ فرعون کو تبلیغ کرنے کے لئے گئے تھے مگر وہ انہیں اتناحقیر سمجھتاتھا کہ ان کے مقابلہ کے لئے اس نے مداریوں کو بلاکرکھڑاکردیا۔مگر کجا وہ حالت اورکجا یہ کہ آج حضرت موسیٰؑ کی امت کو دنیامیں اتنی طاقت حاصل ہے کہ بڑی بڑی سلطنتیں اس کی ناراضگی سے ڈرتی ہیں ۔آج امریکہ جیسی طاقت ان کی پیٹھ پر ہے اور فلسطین میں ان کی حکومت ہے لیکن اس وقت اتنی کمزوری کی حالت تھی کہ فرعون مداریوں کوبلاکر آپ کے مقابلہ پرکھڑاکردیتاہے ۔آج اگر ہندویا عیسائی کسی مسلمان عالم کے مقابل پر بھی مداری کھڑاکردیں تو تمام لوگ شور مچانا شروع کردیں گے کہ ان کی ہتک کی گئی ہے ۔لیکن حضرت موسیٰؑ اس خیال سے کہ شاید اللہ تعالیٰ ان کو اسی راہ سے ہدایت دے دے مقابلہ سے انکار نہ کیا ۔اور مداریوں کے مقابلہ میں بھی کھڑے ہونے کے لئے تیار ہوگئے ۔لیکن اب اگر وہی فرعو ن دوبارہ زندہ کیاجائے تو میں سمجھتا ہوں کہ وہ حضرت موسیٰؑ کے مقابلہ میں اپنے آپ کو ایک بندر سے بھی زیاد ہ ذلیل سمجھے اور یہ دیکھ کرحیران ہوکہ اس کی نسل کاتو دنیامیں کہیں نشان بھی نظر نہیں آتا اور حضرت موسیٰؑ کی قوم فلسطین پر حکومت کررہی ہے ۔
فلمّا جاء السِحرۃ قالوا لفرعون ا ئنّ لنا لاجراً ان کنّا نحن الغٰلبین قال نعم وانّکم اذالّمن المقرّبین
پس جب جادو گر آگئے تو انہوں نے فرعون سے کہاکہ اگر ہم غالب ہوئے تو کیا ہمیں کوئی انعام بھی ملے گا (فرعون نے) کہا۔ہاں :بلکہ اس صورت میں تم دربار میں مقربین میںجگہ پائو گے ۔۱۰؎
۱۰؎تفسیر:۔جب جادوگرآ گئے تو انہوں نے فرعون سے کہا کہ اگر ہم غالب آئے تو کیا ہمیں کوئی انعام بھی ملے گا ؟اس آیت سے نبی اور غیر نبی کی طبیعت کا فرق معلوم ہوجاتا ہے ۔حضرت موسیٰؑ کی باتیں جو اوپرگذر چکی ہیں ان سے صاف معلوم ہوتاہے کہ وہ اپنا اور ساری دنیا کو پالنے والا صرف خداتعالیٰ کوقرار دیتے تھے کسی بندے پر اپنی نگاہ نہیں رکھتے تھے ۔لیکن جو مداری فرعون نے ان کے مقابلہ کے لئے جمع کئے تھے ان کی نظریں اتنی نیچی اور ان کے حوصلے اتنے پست تھے کہ بادشاہ کے دربار میںآتے ہی بول پڑے کہ حضور اگر ہم جیت گئے تو کیا کوئی انعام بھی ملے گا یا نہیں ۔یہی مضمون سورۃ اعراف میں بھی بیان کیاگیا ہے لیکن وہاں طر ز کلام بدل دی گئی ہے ۔وہاں یہ الفا ظ آتے ہیں کہ اِنَّ لَنَا لَاَجْراًاِنْ کُنَّانَحْنُ الْغٰلِبِیْنَ (اعراف رکوع ۱۴) اگر ہم غالب آئے تو ہم کو ضرور اجر ملے گا۔مگر یہاں یہ کہاگیا ہے کہ اگر ہم غالب آئے تو کیا ہمیں کوئی انعام بھی ملے گا یانہیں۔گویابظاہر دونوں میں اختلاف دکھائی دیتاہے لیکن اگر غور کیاجائے تو ان دونوں آیتو ں میںکوئی حقیقی اختلاف نہیں ۔بے شک یہاں سوالیہ فقرہ استعمال کیاگیاہے ۔ مگر اس سوالیہ فقرہ کے یہ معنی نہیں کہ ان کو اجر ملنے کے متعلق کوئی شبہ تھا بلکہ بعض دفعہ سوالیہ فقرہ رتوقع کے لئے بھی استعمال ہوتاہے ۔ یعنی مطلب تو یہ ہوتاہے کہ ضرور ملے گا مگر کہنے والاکہتا یہ ہے کہ کیاکچھ ملے گابھی ؟پس سورۃ اعرا ف اور سورۃ شوراء کی آیتوں میں کوئی تضاد نہیں ۔مداریوں کے انعام کی خواہش ظاہر کرنے پر فرعون نے کہا۔ہاں ہاں انعام تو ملے گااور اس کے علاوہ تم میرے مقرب بھی ہوجائو گے ۔
قَا لَ لَھُمْ مُّوْ سیٰٓ اَلْقُوْا مَآ اَنْتُمْ مُّلْقُوْنَ٭
اس پر موسیٰؑ نے اُن سے کہا جو تدبیر تم نے کرنی ہے کرلو۔
فَاَ لْقَوْا حِبَالَھُمْ وَعِصِیَّھُمْ وَقَالُوْا بِعِزَّۃِ فِرْعَوْنَ اِنَّا لَنَحْنُ الْغٰلِبُوْنَ٭
اس پر انہوں نے اپنی رسیّاں اور اپنے سونٹے (میدان میں نکال کر) رکھ دیئے اور کہا۔ فرعون کے اقبال کی قسم ہم ضرور غالب آئیں گے ۔ ۱۱؎
۱۱؎ تفسیر:۔ جب فرعون اور آنے والے ساحروں میں بات چیت ہوچکی تو حضرت موسیٰ علیہ السلام نے فرمایا کہ تم نے جو کچھ میرے مقابلہ میں پھینکنا ہے پھینکو۔
اس جگہ بھی سورئہ اعراف سے ایک اختلاف دکھائی دیتا ہے جس کاذکر کر دینا ضروری معلوم ہوتاہے ۔ اور وہ یہ کہ سورئہ اعراف میں یہ لکھا ہے کہ مداریوں نے حضرت موسیٰ علیہ السلام سے کہا کہ اِمَّآ اَنْ تُلْقِیَ وَاِ مّآ اَنْ تَکُوْنَ نَحْنُ الْمُلْقِیْنَ(اعراف ع ۱۴) یعنی پہلے آپ پھینکیں گے یا ہم پھینکیں۔ حضر ت موسیٰ علیہ السلام نے کہا پہلے تم پھینکو۔لیکن اس آیت میں مداریوں کے سوال کا کوئی ذکر ہی نہیں۔ صر ف حضرت موسیٰؑ کا قول درج ہے کہ تم نے جو کچھ پھینکنا ہے پھینک لو۔ لیکن یہ بھی کوئی اختلاف نہیں بلکہ اس موقعہ کے مناسب یہی کلام تھا ۔ درحقیقت سورئہ اعراف میں مداریوں کا یہ یقین ظاہر کیا گیا ہے کہ ہم کو ضرور اجر ملے گا ۔ اس یقین کے مطابق انہوں نے حضرت موسیٰ علیہ السلام سے کہا کہ پہلے آپ پھینکیں گے یا پہلے ہم پھینکیں ۔ لیکن سورئہ شعراء میں وہ الفاظ استعمال کئے گئے ہیں جن میں توقع کا پہلو غالب ہے یقین کا پہلو اتنا نمایاں نہیںاس لئے اللہ تعالیٰ نے کلام کی مناسبت کے لحاظ سے مداریوں کاسوال حذف کردیا اور صرف حضرت موسیٰؑ کا قول نقل کردیا ۔ کہ میری نسبت پھر دیکھا جائے گا پہلے تم اپنی امید پوری کرلو ۔اور جو کچھ پھینکنا ہے پھینک لو ۔ چنانچہ مداریوں نے اپنی رسیّاں اور سونٹے پھینک دیئے اور فرعون کو خوش کرنے کے لئے کہا کہ فرعون کے اقبال سے ہم ہی غالب رہیں گے ۔ یہ الفاظ جو مداریوں کی زبان سے قرآن کریم میں استعمال کئے گئے ہیں قرآن کریم کی سچائی اور اس کے منجانب اللہ ہونے پر زبردست شاہد ہیں۔ عیسائی پادری ہمیشہ کہا کرتے ہیں کہ قرآن کریم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بنائی ہوئی کتاب ہے۔ ہم تو ان کے اس اعتراض کو غلط سمجھتے ہیں اور یقین رکھتے ہیں ۔ کہ یہ اللہ تعالیٰ کا نازل کردہ کلام ہے جو گذشتہ اور موجودہ اور آئیندہ آنے والے زمانوں کے تمام حالات کو خوب جانتا ہے لیکن اگر دشمن کے قول کے مطابق قرآن کریم کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ہی کلام قرار دیاجائے تب بھی ماننا پڑے گا کہ آپ کا ادبی کمال انتہا کو پہنچا ہواتھا اور آپ کے معلومات کی وسعت کا کوئی ٹھکانہ ہی نہیںتھا کیونکہ قرآن کریم کہتاہے کہ جب فرعون نے مصر کے جادوگروں کو موسیٰؑ کے مقابلہ کیلئے بلایا تو اُس وقت انہوں نے کرتب دکھاتے وقت یہ الفاظ کہے کہ بِعِزَّۃِ فِرْعَوْنَ اِنَّا لَنَحْنُ الْغَا لِبُوْنَ۔ فرعون کے اقبال کی قسم ہم ضرور غالب آئیں گے ۔ اور یہ فقرات ایسے ہیں جو عربوں کے ذہن کے کسی گوشہ میں بھی نہیں آسکتے تھے ۔ کیونکہ عرب میں کوئی مداری نہیں تھے جس سے
رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم یہ فقرہ سن کر سمجھ لیتے کہ مداری کرتب دکھاتے وقت ہمیشہ اس قسم کے الفاظ کہا کرتے ہیں۔پس وہ لوگ جو کہتے ہیں کہ قرآن کریم رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا بنایا ہواہے انہیں سوچنا چاہئیے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم تو ایک اسیے ملک میں پیدا ہوئے تھے جہاں مداریوں اور ہتھکنڈے کرنے والوں کا نام ونشان تک نہ تھا ۔پھر یہ فقرہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو کس نے بتایا ۔میں نے عرب کی تاریخ کا بڑا گہرامطالعہ کیا ہے ۔ اس کی تاریخ سے یہی پتا چلتا ہے کہ عرب لوگ شعروشاعری کے بڑے دلدادہ تھے اور گلہ بانی کرنا ان کا پیشہ تھا لیکن مداریوں اور ہتھکنڈے کرنے والوں کا ان کی تاریخ میں کہیں ذکر نہیں آتا ۔ وہ مصر اور ہندوستان وغیرہ میں پائے جاتے تھے مگر ان ممالک میںرسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کبھی گئے ہی نہیں۔پھر آپ کو یہ کس طرح معلوم ہوگیا کہ مداری جب کھیل دکھاتے ہیں تو وہ یہ فقرہ کہتے ہیں۔ میں نے خود بعض مداریوں کو دیکھا ہے کہ جب وہ کھیل شروع کرتے ہیں تو دیکھنے والوں کو مخاطب کرکے کہتے ہیںکہ آپ کے اقبال سے ایسا ہوجائے گا ۔ اسی طرح حضرت موسیٰ علیہ السلام کے زمانہ کے مداریوں نے کہا بِعِزَّۃِ فِرْعَوْنَ۔فرعون کے اقبال کی قسم ۔لیکن عرب کی تاریخ میں کوئی محاورہ میں نے آج تک ایسا نہیں دیکھا۔جس میں یہ کہا گیا ہو کہ ہم یہ کلام فلاں کے اقبال سے شروع کرتے ہیں۔پس یہ فقرہ صاف بتاتا ہے کہ قرآن کریم خدا تعالیٰ کا نازل کردہ کلام ہے ۔لیکن اگر یہ فقرہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ تعالیٰ نے نہیں بتایا بلکہ نعوذ باللہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے خود بنا لیا تھا تب بھی یہ آپؐ کا اتنا بڑا کمال ہے کہ جس کی مثال نہیں ملتی ۔ کیونکہ یہ بعینہٖ اسی رنگ کا فقرہ ہے جو مداری اب بھی کہتے ہیں ۔مگر یہ کتنی ہنسی کی بات ہے کہ ایک طرف تو وہ خدا تعالیٰ کے نبی پر غالب آنے کی کوشش کرتے ہیں اور یہ ظاہر کرتے ہیں کہ ہم یقینا غالب آ جائیں گے اور دوسری طرف جس کی خاطر تماشا دکھا رہے ہیں اُس کی تعریف کرتے چلے جاتے ہیں کہ آپ کے اقبال سے ایسا ہو جائے گا تاکہ کچھ زیادہ پیسے مل جائیں۔
اِنَّہٗ لَکَبِیْرُ کُمُ الَّذِیْ عَلَّمَکُمُ السِّحْرَ۔ فَلَسَوْفَ تَعْلَمُوْنَ ۔ لَاُ قَطِّعَنَّ اَیْدِیَکُمْ وَاَرْفُلَکُمْ مِّنْ خِلَافٍ وَّلَاُ صَلِّبَنَّکُمْ اَجْمَعِیْنَ٭
یہ (شخص )یقینا تمہار اکوئی سردار ہے جس نے تم کو جادو سکھایا ہے ۔ پس عنقریب تم (اپنا انجام) معلوم کرلو گے میں تمہارے ہاتھو ں اور پیروں کو (اپنی) خلاف ورزی کی وجہ سے کا ٹ دوں گا اور تم سب کو صلیب پر لٹکا دوں گا ۔
قَالُوْا لَا ضَیْرَ اِنَّآ اِلیٰ رَبِّنَا مُنْقَلِبُوْنَ٭
انہوں نے کہا (اس میں) کوئی حرج نہیں۔ آخر کار ہم اپنے ربّ کی طرف ہی لوٹ کر جانے والے ہیں۔
اِنَّانَطْمَعُ اَنْ یَّغْفِرَ لَنَا رَبُّنَ خَطٰیٰنَآ اَنْ کُنَّآ اَوَّلَ الْمُؤ مِنِیْنَ٭
ہم امید رکھتے ہیں کہ ہمارا ربّ ہمارے گناہ اس وجہ سے معاف کردے گا کہ ہم سب سے پہلے ایمان لانے والوں میں سے بن گئے ۔۱۲؎
۱۲؎ حل لغات:۔ تَلْقَفُ۔ لَقِفَ سے مضارع واحد مؤنث غالب کا صیغہ ہے اور لَقِفَ الشَّیئَ کے معنے ہوتے ہیں تَنَاوَلَہٗ بِسُرْ عَۃٍ اس کو جلدی سے پکڑ لیا(اقرب) پس تَلْقَفُ کے معنے ہونگے جو کام جادوگر کر رہے تھے اُس کی جلدی جلدی ملیامیٹ کرنے لگا۔
خِلَافٍ: خِلَافٌ کے معنے مخالفت کے بھی ہیں ۔ او ر اس کے معنے یہ بھی ہیں کہ دایاں ہاتھ اور بایاں پاؤں یا بایاں ہاتھ اور دایاں پاؤں (اقرب) ضَیْرَ: اَلضَّیْرُ کے معنے اَلْمُضَرَّۃُ کے ہیں یعنی نقصان (مفردات )
تفسیر :۔جب مداریوں نے اپنی رسیّاں اور سونٹے پھینک دیئے تو موسیٰؑ نے بھی اپنا عصا اُٹھا کر دے مارا۔اور چونکہ ان رسیّوں اور سونٹوں میں انہوں نے پارہ بھر رکھا تھا جس سے وہ ہلتی تھیں۔اس لئے جب موسیٰؑ کاسونٹا اُن کو زور سے لگا تو اُن میں سوراخ ہوگئے اور ان کا سارا فریب کھل گیا۔گویا تمثیلی زبان میں موسیٰؑ کا سونٹا اُن کے فریب کو کھا گیا ۔ جس پر مداری جو اپنی حقیقت کو خوب جانتے تھے ۔ سجدے میں گر گئے اور چلا اٹھے کہ ہم رب العالمین خدا پر جو موسیٰؑ اور ہارونٰؑ کا خدا ہے ایمان لاتے ہیں ہمیں معلوم ہوگیا ہے کہ موسیٰؑ نبی ہے اور ہم محض مداری ہیں ۔
اس جگہ اُلْقِیَ السَّحَرَۃُ سَاجِدِیْنَ کے الفاظ فرما کر اس کی طرف اشارہ کیا گیا ہے کہ جادوگروں کی یہ شکست ایسی نمایاں تھی کہ انہیں یوں محسوس ہوا کہ گویا کسی خفیہ طاقت نے ان کے پاؤں تلے سے زمین نکال لی ہے اور وہ خدا کے سامنے سجدہ میں گرا دیئے گئے اور انہوں نے بلند آواز سے اس عمل کا اقرار کیا کہ ہم خدائے واحد پر ایمان لاتے ہیں اور موسیٰؑ اور ہارونٰؑ کی اتباع کرتے ہیں۔
اس پر فرعون غصہ میں آگیا اور اس نے کہاکیا تم میری اجازت سے پہلے اس پر ایمان لے آئے ہو ۔ معلوم ہوتا ہے یہ تمہار ا سردار ہے جس نے تم کو مداریوں کا فن سکھایا ہے ۔ پس تم جلدی ہی اپنے اس فعل کا نتیجہ دیکھ لو گے ۔گویا اتنی جلد ی وہ بھول گیا کہ ابھی تو میں ان کے خدا کے ایک نبی کے مقابلہ میں کھڑا کررہاتھا اور ان کو مقرب بنانے کی پیش کش کررہا تھا اور ابھی ان کو اتنا ذلیل قرار دے رہا ہوں کہ جو چاہوں انکو سزاد ے لوں۔ چنانچہ بولا کہ چونکہ تم میرے مخالف چل پڑے ہو۔اس لئے جرم کی وجہ سے میں تمہارے ہاتھ اور پیر کاٹ دوں گا اور پھر تم سب کو صلیب پر لٹکا دوں گا ۔ تاکہ دوسروں کا عبرت حاصل ہو۔مگر وہ پیسے لے کر تماشا دیکھا نے والے مداری اب مومن بن چکے تھے ۔وہ فرعون جیسے لوگوں کی دھمکیوں سے کب مرعوب ہوسکتے تھے انہوں نے جھٹ کہا ۔ اس میںکوئی حرج نہیں ہم نے ایک دن اپنے رب کی طرف لوٹ کر جانا ہی ہے اگر تمہارے ہاتھ سے مارے گئے تو کون سی بڑی بات ہے اگرتم نے ہم کو مارا تو ہمارا فائدہ ہی ہے۔ دین کی خاطر دکھ اٹھانے کی وجہ سے ہمارا رب ہمارے گناہ معاف کردے گا کیونکہ ہم ایسے برے ماحول میں سب سے پہلے خدا تعالیٰ کے نبی پر ایمان لائے ہیں ۔ حقیقت یہ ہے کہ جب تک کسی انسان کو خدا نظرنہیں آتا دنیاکی مصیبتیں اسے پہاڑ اور اس کے ابتلاء اسے بے کنار سمند ر نظر آتے ہیں ۔ مگر جب خدا نظرآجاتاہے تو اس کی نگاہ میں ساری چیزیں ہیش ہوجاتی ہیں ۔ تب ایک ہی چیز اس کے سامنے ہوتی ہے کہ خدا تعالیٰ کا قول پوراہو اور خدا کے قول کے مقابلہ میں نہ حکومتیں کوئی حقیقت رکھتی ہیں اورنہ بادشاہتیں کوئی حقیقت رکھتی ہیںاور نہ جائیدادیں کوئی حقیقت رکھتی ہیں۔ وہ ہنستا ہوا جاتا اوراپنی قربانی پیش کرتے خدا تعالیٰ کے حضور حاضر ہوجاتاہے ۔ ہماری جماعت کے صاحبزادہ عبداللطیف صاحب ؓ ہمارے جیسے ہی ایک انسان تھے ۔ مگر جب بادشاہ نے
ان کو بلا کر کہا کہ دیکھیں مولوی صاحب میرے دل میں آپ کا بڑا ادب ہے اور میں آپ کو رہا کرنا چاہتا ہوں لیکن اگر یوں ہی چھوڑ دوںتو مولوی میرے مخالف ہوجائیں گے۔ آپ صرف اتنا کریں کہ جب آپ سے پوچھا جائے کہ کیا آپ قادیانی ہیں تو آپ خواہ دل میں کچھ عقائد رکھیں زبان سے کہہ دیں کہ میں قادیانی نہیںہوں اس طرح میں آپ کو آسانی سے چھوڑ سکوں گا۔حضرت صاحبزادہ عبداللطیف ؓ صاحب نے کہا ۔ بادشاہ تمیں جان کی قیمت معلوم ہوتی ہو گی ۔ مجھے تو اس کی کوئی قیمت معلوم نہیںہوتی اور میں تو ایک قربانی پیش کرنے کے لئے ہی تمہارے پاس آیا ہوں ۔ مجھے تو پہلے ہی کہا گیا تھا کہ میں احمدیت کا اظہار نہ کروں مگر میں انکار کردیا ۔ دراصل وہ گورنر جس کے سامنے وہ پہلی دفعہ پیش ہوئے ۔ وہ بھی ان کے شاگردوں میں سے تھا ۔جب آپ اس سے ملے تو اس نے بھی کہا۔ کہ آپ یہاں سے بھاگ جائیں ۔ورنہ آپ کی جان خطرے میں پڑجائے گی ۔ صاحبزادہ صاحبؓ نے کہا ۔تمہاری ہتھکڑیاں کہاں ہیں لائو اور میرے ہاتھو ں میں پہنائو۔ مجھے تو آج رات خدا نے بتا یا ہے کہ مجھے سونے کے کنگن ڈالے جائیں گے ۔ پس میں اپنی موت سے نہیں ڈرتا ۔ میں تو قوم کی نجات کے لئے اپنی جان پیش کرنا چاہتاہوں ۔پھر جب انہیں پتھرائوکیا گیا ۔تو اس وقت بھی ان کے دل میں اپنی قوم کا کوئی کینہ اور بغض نہیں تھا۔ بلکہ سنگسارکرنے سے پہلے جب انہیں گاڑنے لگے ۔اور گاڑتے اس لئے ہیں کہ پتھر و ں کے ڈر سے انسان بھاگ نہ جائے تو صاحبزادہ صاحب ؓنے کہا کہ میں بھاگتا تو نہیں ۔ مجھے گاڑنے کی کیا ضرورت ہے ۔پھر جب اُن پر پتھر پڑنے لگے تو دیکھنے والوں کی گواہی ہے کہ صاحبزادہ صاحبؓ بلند آوازسے یہ دعا کرتے جاتے تھے کہ اے میرے رب!میری قوم پر رحم کر۔کیونکہ وہ جہالت سے ایسا کررہی ہے ۔یہ وہ شاندار نمونے ہیں جو قوموں کو زندہ کیا کرتے ہیں۔ بیشک اُن میں کچھ کمزور بھی ہوتے ہیں مگر نوجوان جب اس قسم کے نمونہ کو دیکھتے ہیں تو ان کے دلوں میں جوش پیدا ہو جاتا ہے اور وہ کہتے ہیں کیسا اچھا انجام تھا آؤ ہم بھی ایسی ہی قربانی کریں اور وہ بھی آگ اور خون کے دریا میں چھلانگیں لگا دیتے ہیں ۔ یہی حکمت ہے جس کی بناء پر انجیل میں روحانی بادشاہت کو انگور کے باغ سے تشبیہ دی گئی ہے ۔ ۱؎
کیونکہ انگور کی بیل ہی ایک ایسی بیل ہوتی ہے جس کو سرسبز شاداب کرنے کے لئے خون کی کھاد ڈالی جاتی ہے پس اس مثال میں اس طرف اشارہ تھا کہ خدا تعالیٰ کے دین کو تازہ کرنے کے لئے ہمیشہ انسانی قربانیوں کی ضرورت ہوگی اور انسانوں کے خون اس باغ کی جڑوں میں گرا کر اسے پھر زندہ اور سرسبز شاداب کیا جائے گا ۔چنانچہ روحانی سلسلوں کی ایک لمبی تاریخ اس صداقت کو واضح کرتی ہے۔ آج تک کوئی نبی بھی ایسا نہیں گزرا جس کی جماعت شدید ترین مصائب میں سے نہ گزری ہو۔ ان کو گرفتار کیا گیا ۔ اُن کو قتل کیا گیا ۔ اُن کو پھانسی پر لٹکایا گیا اُن کو تلواروں سے شہید کیا گیا ۔ مگر ان تمام تکالیف کے باوجود صداقت دنیا پر ہمیشہ غالب آئی ۔حضرت داؤدؑ کے بعد بخت نصر نے بیت المقدس کی ساری عمارتیں تہہ و بالا کردی تھیں اور مسجد اقصیٰ کا نشان تک بھی اُس نے نہ چھوڑا تھا ۔ مگر ان تمام باتوں سے کیا ہوا ۔ بات تو وہ تھی جو موسیٰؑ لایا ۔ مگر موسیٰؑ کی لائی ہوئی بات آ ج تک دنیا نہیں مٹا سکی ۔ ان کی عزت آج بھی دنیا میں قائم ہے اور آج بھی ان کے ناموں پر اپنی جانیں قربان کرنے والے لوگ دنیا میں موجود ہیں ۔ آج ایک زندہ اور باجبروت اور قاہر اور خبر دار اور منتظم بادشاہ کو گالی دے کر ایک انسان سزا سے بچ سکتا ہے ۔ اس کی گرفت سے بھاگ سکتا ہے لیکن یہ لوگ جو
۱؎ ۔لوقاباب ۲۰آیت ۹تا۱۸
انسانوں جیسے انسان تھے اوّل تو فقیری میں انہوں نے عمر گزاردی اور اگر بعض بادشاہ بھی ہوئے تو اُن کی بادشاہتیں اپنی دنیوی عظمت کے لحاظ سے بہت سے دنیوی بادشاہوں سے کم تھیں ۔ لیکن آج جب کہ وہ منوں مٹی کے نیچے دفن ہیں اور بعض کی نسلوں کا بھی کوئی پتہ نہیں چلتا۔ اور بعض کی اُمتیں بھی مٹ چکی ہیں کوئی زبردست سے زبردست بادشاہ بھی بے ادبی سے اُ ن کا نام لے تو وہ ذلّت و رسوائی سے بچ نہیں سکتا کیونکہ انہوں نے خداتعالیٰ کی محبت کی چھُری کو خوشی سے اپنی گردنوں پر پھروالیا اور وہ خدا کے برے قرار پائے گویا جس طرح ایک بکری کا گوشت اُس کے ذبح ہوجانے کے بعد انسان کی غذا بن کر انسان ہوجاتا ہے اسی طرح جو لوگ خدا کے برے بن کر قربان ہوجاتے ہیں ۔اور ابدی بادشاہت اُن کو عطا کی جاتی ہے ۔ موسیٰؑ پر ایمان لانے والے ساحروں نے بھی قربانی کا یہی شاندار نمونہ دکھایا ۔اور انہوں نے فرعون سے کہہ دیا کہ ہمارے دل اب نُور ایمان سے منور ہو چکے ہیں اب تیری کوئی بھی تکلیف ہمیں جادئہ حق سے منحرف نہیں کرسکتی ۔ یہی ایمان ہے جو انسان کی نجات کا باعث بنتا ہے اوریہی قربانی کی رُوح ہے جو قوموں کو دنیا پر غالب کیا کرتی ہے ۔
وَاَوْحَیْنَآ اِلیٰ مُوْسیٰٓ اَنْ اَسْرِبِعِبَادِیْٓ اِنَّکُمْ مُّتَّبَعُوْنَ٭
اور ہم نے موسیٰؑ کی طرف وحی کی کہ میرے بندوں کو راتوں رات لے جا۔تمہارا پیچھا کیا جائے گا ۔
فَاَرْسَلَ فِرْعَوْنُ فِی الْمَدَٓائِنِ حٰشِرِیْنَ٭
اس پر فرعون نے شہروں کی طرف جمع کرنے والے آدمی بھجوائے ۔
اِنَّ ھٰٓؤُ لَآ ئِ لَشِرْذَمَۃٌ قَلِیْلُوْنَ٭
(یہ کہتے ہوئے کہ ) یہ لوگ (یعنی بنی اسرائیل ) تو ایک تھوڑی سی جماعت ہیں۔
وَاِنَّھُمْ لَنَا لَغَآئِظُوْنَ٭
باوجود اس کے وہ ہم کو غصہ دلا رہے ہیں۔
وَاِنَّا لَجَمِیْعٌ حٰذِرُوْنَ٭
اور ہم ایک (بڑی) جماعت ہیں جو محتاط ہیں (پس ہمیں ان کا مقابلہ کرنا چاہئیے )۔۱۳؎
۱۳؎ حل لغات:۔ اَسْرِ:اَسْرٰی سے امر کا صیغہ ہے۔ اور اَسْرٰی سے باب افعال کا ماضی کا صیغہ ہے ۔ سَرَی الرَّجُلُ کے معنے ہوتے ہیں سَارَ عَامَّۃَ اللَّیْلِ۔ یعنی وہ رات کے اکثر حصہ میں چلتا رہا۔ اور اَسْرٰی کے معنے سَرَی کی طرح ہی ہیں ۔ لیکن بعض ائمہ لُغت نے کہاہے کہ اَسْرٰیلِاَوَّلِ اللَّیْلِ وَسَرَی لِاٰخَرِ اللَّیْلِ ۔رات کے ابتدائی حصہ میں چلنے کے لئے اَسْرٰی کا فعل استعمال کیا جاتا ہے اور رات کے آخری حصہ میں چلنے کے لئے سَرَی کا (اقرب) پس اَسْرِ بِعِبَادِیْ کے
معنے ہونگے (۱) رات کے وقت میرے بندوں کو لے کر چل۔(۲) یا رات کے ابتدائی حصہ میں لے کر چل۔
شِرْ ذَمَۃٌ : اَلشِّرْذَمَۃُ: اَلْجَمَاعَۃُ الْقَلِیْلَۃُ مِنَ النَّاسِ۔ لوگوں کی تھوڑی سی جماعت (اقرب)
حٰذِرُوْنَ: حَاذِرٌ سے جمع کا صیغہ ہے اور حَاذِرٌ کے معنے ہوتے ہیں اَلْمُتَاٰھِّبُ۔ اَلْمُسَتَعِدُّ چوکس اور تیا ر۔(اقرب)
تفسیر:۔ اِس آیت میں اَسْرِ کا لفظ آتا ہے جو سَرٰی سے نکلا ہے اور سَرَی الرَّجُلُ کے معنے ہوتے ہیں سَارَ عَامَّۃَ اللَّیْلِ فلاں شخص رات کا اکثر حصہ چلتا رہا۔ اور جب اَسْرَی الرَّجُلُ اِسْرَائً کہیں تو اس کے معنے بھی سَرٰی کی طرح ہی رات کو چلنے کے ہوتے ہیں ۔لیکن بعض لغویوں نے کہا ہے کہ اَسْرٰی کے معنے ہوتے ہیں رات کے پہلے حصہ میں چلا ۔ اور سَرٰی کے معنے ہوتے ہیں رات کے پچھلے حصہ میں چلا ۔
اس آیت کا یہ مفہوم ہے کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ علیہ السلام سے کہا کہ اب فرعون کافی ڈرگیا ہے ۔ اُس سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ۔ اب خدا کا نام لے کر رات کے وقت اپنی قوم کو نکال کر لے جاؤ ۔ہاں ہوشیار رہنا کیونکہ فرعون اور اس کے ساتھی تمہارا پیچھا کریں گے ۔ چنانچہ ایسا ہی ہوا کہ فرعون نے سب شہروں میں ڈھنڈورچی بھیج دیئے اور یہ اعلان کرا دیا کہ بنی اسرائیل ایک چھوٹی سی جماعت ہے جو ہمیں غصہ دلا رہی ہے حالانکہ ہم سب ایک بڑی جماعت ہیں جو ہرقسم کا سازو سامان بھی اپنے پاس رکھتے ہیں ۔ اس لئے کوئی وجہ نہیں کہ ہم اکثریت میں ہوتے ہوئے اقلیت سے ڈر جائیں اور اُسے کچلنے کے لئے تیار نہ ہوجائیں ۔
یہی وہ عیب ہے جو ہر نبی کے زمانہ میں اُس کے دشمنوں میں دکھائی دیتا ہے کہ وہ اکثریت کے گھمنڈ میں بجائے دوسروں کے احساسات کا خیال رکھنے کے یہ کہنا شروع کردیتے ہیں کہ اگر تم نے ہماری بات نہ مانی تو ہم تمہیں ڈنڈے سے سیدھا کریں گے ۔ مثل مشہورہے کہ کوئی بھیڑیا ندی کے کنارے پانی پی رہاتھا کہ ایک بکری کا بچہ آیا اور اُس نے بھی پانی پینا شروع کردیا ۔ بکری کا بچہ دیکھ کر بھیڑیے کے منہ میں پانی بھر آیا اور اُس نے چاہا کہ اُسے کھالے ۔انسانوں اور حیوانوں کے حالات ایک سے نہیں ہوتے ۔ انسان دلیل دیتا ہے ۔لیکن ایک حیوان دلیل نہیں دیتا ۔ مثال میں چونکہ دلیل دی گئی ہے اِس لئے یہاں بھیڑیے سے مراد وہ آدمی ہے جو بھیڑے کے سے خصائل رکھتا ہو اور بکری کے بچہ سے مراد وہ آدمی ہے جو اس کے خصائل رکھتا ہو بہرحال بھیڑیے کویہ لالچ پیدا ہوا ۔ کہ کسی نہ کسی طرح بکری کے بچہ کو کھالے ۔ چنانچہ وہ بکری کے بچہ کو دیکھ کر کہنے لگا ۔ تجھے شرم نہیں آتی کہ تو میرا پانی گدلا کررہا ہے بکری کے بچہ نے کہا ۔ سرکار یہ کون سی بات ہے آپ نے سوچا نہیں کہ آپ اوپر ہیں اور میں نیچے ہوں۔ آپ کا پیا ہوا پانی میری طرف آرہا ہے نہ کہ میرا پیا ہوا پانی آپ کی طرف جارہا ہے ۔ بھڑیے نے آگے بڑھ کر بکری کے بچہ کو تھپّڑ مارا اور اُسے ماردیا اورکہا نالائق آگے سے جواب دیتا ہے ۔ یہی حالت حق کے مخالفوں کی ہوتی ہے ۔ وہ یہ نہیں سوچتے کہ سچائی کیا چیز ہے ۔وہ صرف یہ دیکھتے ہیں کہ اکثریت ہماری طرف ہے اور ہم اکثر یت کے بل بوتے پر جو کچھ چاہیں کرسکتے ہیں ۔ مجھے یاد ہے کہ ایک دفعہ مولوی ثناء اللہ صاحب قادیان آئے اور ایک بڑے جلسہ میں نعرہ ہائے تکبیر میں انہوں نے کہا ۔ میں ایک نکتہ بیان کرتا ہوں ۔ مرزا صاحب اور میرے درمیان آسان طریقِ فیصلہ یہ ہے کہ مرزا صاحب میرے ساتھ کلکتہ تک ٹرین میں چلیں ۔کلکتہ تک بیسیوں اسٹیشن ہیں ۔ہم دیکھیں گے کہ راستہ میں انہیں پتھر پڑتے ہیں یا مجھے اورپھول مجھ پر برسائے جاتے ہیں یا ان پر ۔ کلکتہ تک جاتے ہوئے اس بات کا فیصلہ
ہوجائے گا کہ مسلمان کس کی تائید میں ہیں ۔جماعت کے دوست گبھرائے ہوئے میرے پاس آئے ۔اور انہوں نے کہا ۔ لوگوں پر بہت برا اثر ہوا ہے اور وہ اِس وقت سخت جوش میں ہیں ۔ شام کو میری تقریر تھی ۔میں نے کہا۔ مولوی ثناء اللہ صاحب نے خود فیصلہ کردیا ہے کہ سچا کون ہے ۔ صرف فرق یہ ہے کہ انہوں نے نتیجہ ازخود نکال لیا ہے ورنہ اگر نتیجہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ سے نکلا ہوا ہے توپھر ہمارے لئے اچھا ہے ۔ میں نے کہا۔ مولوی ثناء اللہ صاحب نے کہا ہے کہ مرزا محمود احمد میرے ساتھ کلکتہ تک چلیں ہم دیکھیں گے کہ راستہ میں پھول کس پر برستے ہیں اور پتھر کس پر پھینکے جاتے ہیں اور اس سے مولوی صاحب نے یہ نتیجہ نکالا ہے کہ جس پر پھُول پڑیں گے وہ سچا ہوگا ۔ حالانکہ نتیجہ نکالنا ان کا کام نہیں تھا ہم سے پہلے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور ابوجہل گزرچکے ہیں۔ مولوی صاحب خود بتادیں کہ مکہ میں پتھر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو پڑا کرتے تھے یا ابو جہل کو ۔ اور پھول ابوجہل کو پڑ اکرتے تھے یا رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو ۔اور اگر پتھررسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو پڑا کرتے تھے اور پھول ابوجہل پر برسائے جاتے تھے تو نتیجہ ظاہر ہے کہ جس پر پتھر پڑیں گے وہ سچا ہوگا اور جس پر پھول برسائے جائیں گے وہ جھوٹا ہوگا ۔
غرض کبھی ایسا ہوتا ہے کہ اکثریت ان لوگوں کی ہوتی ہے جو دین سے بے بہرہ ہوتے ہیں اور اس وجہ سے وہ ہر قسم کے مظالم پر کمر بستہ ہوجاتے ہیں ۔ لیکن جس طرح کثرت دماغ میں غرور پیدا کر کے عقل ماردیتی ہے اسی طرح عشق بھی ایک عاشقِ صاد ق کے اندر کبریائی پیدا کردیتا ہے ۔مگر وہ کبریائی کے نشہ میں آکر مارتا نہیں بلکہ مرتا ہے ۔ چنانچہ دیکھ لو کثر ت والوں نے ہمیشہ تھوڑی تعداد والوں کو اپنے غرور میں آکر مارا ہے لیکن عاشقوںنے ہمیشہ اپنے معشوقوں کے لئے جانیں دی ہیں۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام اسی حقیقت کی طرف اپنے شعر میں اشارہ فرماتے ہیں کہ ؎
درکوئے تو اگر سرِ عُشاق رازنند
اوّل کسے کہ لافِ تعشق زند منم
یعنی اگر تیرے کوچہ میں جانے والوں کے متعلق یہ حکم ہوجائے کہ ہر شخص جو عاشقی کا دعویٰ کرے گا اُسے قتل کردیا جائے گا تو گو عشق کا دل کے ساتھ تعلق ہوتا ہے اور کوئی شخص دعویٰ کرے یا نہ کرے عاشق عاشق ہی ہوتا ہے ۔لیکن اگر یہ اعلان ہوجائے کہ جو بھی عشق کا دعویٰ کرے گا اس کا سر قلم کردیا جائے گا تو سب سے پہلا شخص جو دعویٰ کرے گا اور کہے گاکہ میں عاشق ہوں وہ میں ہوں گا ۔
حقیقت یہ ہے کہ عاشق اور مسلمان تو متضاد چیزیں نہیں بلکہ ایک ہی چیز کے یہ دو نام ہیں مگر عاشق سے میری مراد ہوس پرست عاشق نہیں بلکہ ایک سچا اور کامل مسلمان مراد ہے ۔ وہ مصائب کو صرف برداشت ہی نہیں کرتا بلکہ اگر اس پر مصائب نہ آئیںتو وہ اپنے اندر ایک بے کلی سی محسوس کرتا ہے اور ڈرتا ہے کہ کہیں میرا محبوب مجھ سے خفا تو نہیں ہوگیا ۔ مصائب سے بھاگنا ایک منافق کا کام ہے اور مصائب کو برداشت کرنا صرف مسلمان کا خاصہ نہیں بلکہ ایک کافر بھی اس میں شریک ہوسکتا ہے ۔لیکن سچا مسلمان وہ ہے جو نہ صرف مصائب کو برداشت کرتا ہے بلکہ مشکلات کے دور کو اپنی روحانی ترقی کا ایک ذریعہ سمجھتا ہے۔ اور اگر اس دور میں التواء واقعہ ہو جائے۔تووہ گھبراتا ہے کہ کہیں میرے ایمان میں تو کوئی نقص نہیں آگیا کہ میرا رب میرے ایمان کو دنیا پر ظاہر کرنے کی کوئی تدبیر نہیں کررہا ۔
پس بیشک اکثریت اپنی طاقت کے گھمنڈ میں مومنوں پر ظلم کرتی رہی وہ اسے برداشت کرتے چلے جاتے ہیں ۔ یہاں تک کہ مجرموں کا پیمانہ لبریز ہوجاتا ہے۔ اور اکثریت کے بل بوتے پر ظلم کرنے والے اپنے جرائم کی پاداش میں کیفر کردار کو پہنچ جاتے ہیں چنانچہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب مکہ فتح کرکے آئے تو آپؐ نے اُن کفار سے جو رات دن آپؐ پر اور آپؐ کے صحابہ ؓ پر شدید ترین مظالم کرتے رہتے تھے پوچھا کہ اے مکہ والوں !بتاؤ میں اب تمہارے ساتھ کیا سلوک کروں؟آپ کا مطلب یہی تھا کہ تم جو ننانوے فیصدی ہونے کے گھمنڈ میں یہ کہا کرتے تھے کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی کیا حیثیت ہے ۔ اس کی کیا طاقت ہے کہ وہ ہمارے مقابلہ میں بول سکے ۔اب اُس کے سامنے تم اکثریت کے دعوے دار پیش ہو رہے ہو۔ مگر اس دن وہ ایسے سٹپٹائے کہ انہوں نے کہا ۔ ہم آپؐسے اُسی سلوک کی امید رکھتے ہیں جو یوسف ؑ نے اپنے بھائیوں کے ساتھ کیا تھا ۔ چنانچہ آپؐ نے اُ ن سب کو معاف فرمادیا ۔ یہی اکثریت کا گھمنڈ فرعون کے دماغ میں بھی جاگزین تھا ۔ بلکہ اگر غور سے کام لیا جائے تو جب سے دنیا کا آغاز ہوا ہے ہمیشہ دوقسم کی حکومتیں پائی جاتی رہی ہیں۔ ایک عقل اورسمجھ سے کام لینے والی اور دوسری زور اور طاقت سے کام لینے والی ۔ ہر زمانہ کے محاورے الگ الگ ہوتے ہیں ۔ آج کل جو حکومت عقل اور سمجھ سے کام لے اس کو جمہوریت کہتے ہیں۔ اورجو حکومت زور اور تشدد اور طاقت سے کام لے اس کو ڈکٹیٹر شپ کہتے ہیں ۔یا بعض دفعہ ہٹلر ازم بھی کہ دیتے ہیں۔ مگر نام خواہ کچھ ہی ہو جب سے دنیا بنی ہے یہ دونوں طاقتیں کام کررہی ہیں حضرت آدم علیہ السلام کے زمانہ سے یہ کام شروع ہوا اور اب تک جاری ہے ۔قرآ ن کریم سے معلوم ہوتا ہے کہ حضرت آدم علیہ السلام کے دو بیٹے تھے ۔ ایک کی اللہ تعالیٰ نے قربانی قبول کرلی اور دوسرے کی رد کردی۔ ایک کے پیچھے اخلاص اور تقویٰ تھا اس لئے اس کی قربانی قبول ہوئی اور دوسرے کی قربانی کے پیچھے چونکہ اخلاص اور تقویٰ نہیں تھا اس لئے وہ رد ہوئی ۔ اب دانائی تو یہ تھی کہ دوسرا شخص جس کی قربانی قبول نہیں ہوئی تھی وہ اپنے اند رتقویٰ ۔عجز اور انکسار پید اکرتا اور سمجھتا کہ اس کی قربانی خدا تعالیٰ نے رد کی ہے اس کے بھائی کی وجہ سے رد نہیں ہوئی مگر وہ لیٹھ لے کر اپنے بھائی کے پاس پہنچا اور اسے کہا کہ میں تجھے قتل کردوں گا۔مگر اس کے بھائی نے دلیل والا طریق اختیار کیا اور کہا کہ قربانی قبول کرنا خدا تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے اگر تجھے اس بات پر غصہ آیا ہے کہ خدا تعالیٰ نے تیری قربانی قبول کیوں نہیں کی تو اس میں میرا کیا قصور ہے ۔ میں تو اپنے آپ کو ایک عاجز بندہ سمجھتا ہوں ۔ یہ فطرت پرانے زمانے کی تھی اس وقت نہ ڈکٹیٹرشپ کے الفاظ تھے نہ جمہوریت کے مگر وہ رو ح موجو دتھی جس سے یہ دونوں چیز یں پید ہوتی ہیں ۔ یہ روح جب سے حضرت آدم علیہ السلام پیدا ہوئے ہیں یا دنیا پید اہوئی ہے متوازی چلی آرہی ہے۔ دنیا میں ایک طبقہ ایسا چلا آیا ہے جو ہمیشہ حق و انصاف کا قائل ہوتا ہے اور دوسرا اپنے زور اور طاقت پر فخر کرتا ہے اور کہتا ہے کہ بہرحال ہم نے اپنے مرضی پوری کرنی ہے ۔اگر لوگ ہماری مرضی کے مطابق نہیں چلیںگے تو ہم حکومت جتھہ اور طاقت سے دوسروں کو سیدھا کردیں گے اور اپنی مرضی چلائیں گے ۔ انبیاء کی جماعتیں چونکہ ابتداء میں چھوٹی ہوتی ہیں اور بعض دفعہ تو ان کی تعداداتنی قلیل ہوتی ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں کہ بعض انبیاء کو صر ف ایک ایک شخص نے مانا ۔اس لئے ہر شخص ان پر مذاق اڑاتا ہے اور ان کے دعووںکو مجنونانہ بڑسے زیادہ حقیقت نہیں دیتا ۔ فرعون نے بھی اسی گھمنڈ میں شہر شہر اپنے ڈھنڈورچی بھیجے اور ان سے کہا کہ لوگوں کو یہ کہہ کر اشتعال دلائو کہ بنی اسرائیل جو ایک حقیر سی جماعت ہیں ہمیں اشتعال دلا رہے ہیں حالانکہ ہم ایک بڑی زبردست اکثریت اور پھر بڑے محتاط اور دور اندیش اور ہر قسم کے سازو سامان اور اسلحہ سے لیس ہیں۔ ہمار افرض ہے کہ ہم اُن لوگوں کو سختی سے کچل دیں اوران پر ترقی کے تمام دروازے بند کردیں۔
فَاَخْرَجْنٰھُمْ مِّنْ جَنّٰتٍ وَّعُیُوْنٍ٭وَّکُنُوْذٍ وَّمَقَامٍ کَرِیْمِ٭
تب ہم نے اُن (یعنی فرعون اوراُس کی جماعت )کو باغوں اور چشموں اور خزانوں اور عزت والے ملک سے نکال دیا (یعنی محروم کردیا)
کَذٰلِکَ۔ وَاَوْرَثْنٰھَا بَنِیْٓ اِسْرَآئِ یْلَ٭
ایسا ہی ہوا ۔ اور ہم نے اُن (چیزوں)کا وارث بنی اسرائیل کو کردیا۔
فَاَتْبَعُوْھُمْ مُّشْرِقِیْنَ٭
پھر صبح کے وقت وہ (یعنی فرعون اور اُس کی قوم کے لوگ بنی اسرائیل کو روکنے کیلئے )اُن کے پیچھے چل پڑے ۔
فَلَمَّا تَرَآئَ الْجَمْعٰنِ قَالَ اَصْحٰبُ مُوْسیٰٓ اِنَّا لَمُدْرَکُوْنَ٭
پھر جب دونوں گروہ ایک دوسرے کے سامنے ہوئے تو موسیٰؑ کے ساتھیوں نے کہا ۔ہم تو پکڑے گئے ۔
قَالَ کَلَّا ۔اِنَّ مَعِیَ رَبِّیْ سَیَھْدِیْنِ٭
(موسیٰؑ نے ) جواب دیا ۔ ہرگز ایسا نہیں ہوگا ۔ میرا رب میرے ساتھ ہے اور وہ مجھے کامیابی کا راستہ دکھا ئے گا ۱۴؎
۱۴؎ حل لغات:۔کُنُوْذٌ: کَنْذٌ کی جمع ہے اور اَلْکَنْذُ کے معنے ہیں وہ مال جو کسی جگہ میں محفوظ ہو۔ اِسی طرح اس کے معنے ہیں الذَّھَبُ سونا ۔اَلْفِضَّۃُ ۔چاندی۔مَایُحْرَذُفِیْہِ الْمَالُ کَالْمَخْذَنِ وَالصَّنْدُوْقِ۔ وہ صندوق یا الماری جس میں مال محفوظ کیا جائے اُس کو بھی کَنْذ کہتے ہیں (اقرب)
مُشْرِقِیْنَ: مُشْرِقٌ سے جمع کا صیغہ ہے جو اَشْرَقٌ سے اسم فاعل ہے اور اَشْرَقَ الرَّجُلُ کے معنے ہیں دَخَلَ فِیْ شُرُوْقِ الشَّمْسِ۔ کسی جگہ اُس وقت داخل ہوا جب کہ سورج نکل رہاتھا (اقرب)پس مُشْرِقٌ کے معنے ہیں کسی جگہ صبح کے وقت داخل ہونے والا۔
تفسیر :۔ فرعون کو چونکہ اپنی کثر تِ تعداد اور طاقت پر غرور تھا اور وہ بنی اسرائیل کو بالکل حقیر سمجھتا تھا ۔ اسی لئے جب موسیٰؑ بنی اسرائیل کو ساتھ لے کر نکلے تو فرعون کو بھی پتا لگ گیا ۔ اور وہ لاؤ لشکر جمع کرکے موسیٰؑ کے پیچھے چلا ۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ جب اس نے ایسا کیا تو ہم نے بھی فرعون اور اس کی جماعت کو باغوں اور چشموں اورخزانوں اور عزت والے ملک میں سے نکال دیا اور ہم نے بنی اسرائیل کو ان چیزوں کا وارث کردیا ۔ اس جگہ اللہ تعالیٰ نے فرعون اور اس کے ساتھیوں کے متعلق یہ نہیں فرمایا کہ وہ خود وہاں سے نکلے بلکہ یہ فرمایا ہے کہ ہم نے اُن کو نکالا۔حالانکہ بظاہر واقعہ یہ تھا کہ وہ خود وہاں سے نکلے تھے ۔ درحقیقت اس کی وجہ یہ ہے کہ چونکہ وہ موسیٰؑ کے آنے اور اُ ن کے نکلنے کی وجہ سے باہر نکلا تھا اور موسیٰؑ کو بھیجنا اور بنی اسرائیل کو نکالنے کا حکم دینا خدا تعالیٰ کا کام تھا اسی لئے بالواسطہ طور پر خدا تعالیٰ ہی فرعون اور اس لشکر کو نکالنے کا موجب بنا اور خدا تعالیٰ نے اس فعل کو اپنی طرف منسوب کی اور بتایا کہ گو وہ خود نکلا تھا مگر چونکہ یہ تحریک ہماری طرف سے تھی اور ہم نے ہی موسیٰؑ کو بنی اسرائیل کے نکالنے کا حکم دیا تھا اسی لئے ہم ہی فرعون اور اس کے لشکر کو نکالنے والے بن گئے ۔ اور آخر ان نعمتوں کا ہم نے بنی اسرائیل کو وارث بنادیا ۔
اَوْرَثْنٰھَا بَنِیْٓ اِسْرَآئِیْلَ سے یہ مراد نہیں کہ انہی باغوںاور انہی چشموں اور انہی خزانوں کا وارث بنادیا ۔بلکہ مطلب یہ ہے کہ انہیں اسی قسم کے باغوں اور چشموں اور خزانوں کا فلسطین میں وارث بنادیا ۔ یہ ایک غلط خیال ہے جو بعض لوگوں میں پایا جاتا ہے کہ بنی اسرائیل کو مصر پر غلبہ حاصل ہوگیا تھا ۔ اس خیال کی نہ قرآن ِ کریم سے تصدیق ہوتی ہے اور نہ بائیبل سے ۔ قرآنِ کریم اور بائیبل دونوں سے ظاہر ہے کہ بنی اسرائیل مصر سے نکلنے کے بعد اپنی نافرمانیوں کی وجہ سے ایک لمبے عرصہ تک بیابانوں میں پھرتے رہے اور آخر چالیس سال کے بعد انہیںکنعان پر قبضہ ملا ۔پس اَوْرَثْنَھَاسے ملک مصر مراد نہیں بلکہ وہ جگہ مراد ہے جہاں انہیں سب چیزیں میسر آگئیں ۔یعنی فلسطین کا ملک۔ جو اپنے باغات اور چشموں میں مصر کے بالکل مشابہ ہے ۔
فَاَتْبَعُوْھُمْ مُّشْرِقِیْنَ سے ظاہر ہے کہ سورج نکلتے وقت فرعون کا لشکر اُن کے پیچھے چلا تھا۔کیونکہ فرعون نے بھی اپنا لشکر جمع کرنا تھا ۔ اور موسیٰؑ پہلے تیار تھے ۔پس موسیٰؑ پہلے نکل گئے اور فرعون پیچھے نکلا مگر جاتے جاتے جب لشکر فرعون اور موسیٰؑ کے ساتھیوں کا آمنا سامنا ہوا تو موسیٰؑ کے ساتھی جو صدیوں سے فرعون کے غلام چلے آرہے تھے ڈر گئے اور شور مچانے لگے کہ اے موسیٰؑ! ہم تو مارے گئے اور پکڑے گئے ۔ اس پر موسیٰؑ نے کہا کہ ایسا گمان مت کرو ۔ اُس لشکر کے ساتھ فرعون ہے اور میرے لشکر کے ساتھ خدا ہے اور خدا تعالیٰ یقینا ہمیں پار لے جائے گا ۔خدا تعالیٰ پر توکل کا یہ ایک نہایت ہی شاندار نمونہ ہے جو حضرت موسیٰؑ نے دکھایا مگر اس صداقت سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا کہ انتہائی خطرات میں چاروں طرف سے گھیرے ہونے کے باوجود اللہ تعالیٰ پر جس کامل یقین اور ایمان کا مظاہرہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی میں ہمیںدکھائی دیتا ہے وہ اس واقعہ سے کہیں شاندار اور ایمان افزا ہے ۔جب رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہجرت ؔ کا حکم ملا تو آپؐ حضرت ابوبکر ؓ کو اپنے ساتھ لے کر جبلِ ثور ؔ طرف تشریف لے گئے جو مکہ سے کوئی چھ سات میل کے فاصلہ پر ہے اور اس پہاڑ کی چوٹی پر ایک غار میں چھپ کر بیٹھ گئے ۔ صبح جب کفار نے دیکھا کہ آپؐ اپنے گھر میں موجود نہیں اور ہر قسم کے پہرہ کے باوجود محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کامیابی کے ساتھ نکل گئے ہیں تو فوراًآپ کی تلاش میں نکل کھڑ ے ہوئے اور انہوں نے مکہ کے چند بہترین کھوجی جو پاؤں کے نشانات پہچاننے میں بڑی بھاری دسترست رکھتے تھے اپنے ساتھ لئے جو انہیں جبلِ ثور تک لے آئے اور انہوں نے کہا کہ بس محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اگر ہیں تو یہیں ہیں ۔ اس سے آگے اور کہیں نشان نہیں ملتا اُس وقت یہ کیفیت تھی کہ دشمن غار کے عین سر پر کھڑا تھا ۔اور غار کا منہ تنگ نہیں تھا ۔جس کے اند ر جھانکنا مشکل ہومگر وہ ایک فراخ منہ کی کھلی غار ہے جس کے اندر جھانک کر بڑی آسانی سے معلوم کیا جاسکتا تھا کہ کوئی شخص اندر بیٹھا ہے یا نہیں مگر ایسی حالت میں بھی محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر کوئی خوف طاری نہیں ہوتا بلکہ آپؐ کی قوتِ قدسیہ کی برکت سے
حضرت ابو بکر ؓ کا دل بھی مضبوط رہتا ہے اور وہ موسیٰؑ کے ساتھیوں کی طرح یہ نہیں کہتے کہ ہم پکڑے گئے بلکہ انہوں نے اگر کچھ کہا تھا تو یہ کہ رسول اللہ دشمن اتنا قریب پہنچ چکا ہے کہ وہ اگر ذرا بھی نظر نیچی کرے تو ہمیں دیکھ سکتا ہے مگر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اُسْکُتْ یَا اَبَا بَکُرٍ اِثْنَانِ اَللّٰہُ ثَالِثُھُمَا ابو بکر ؓ خاموش رہو ہم اِس وقت دو نہیں بلکہ ہمارے ساتھ ایک تیسرا خدا بھی ہے پھر وہ کیونکر ہمیں دیکھ سکتے ہیں ۔چنانچہ ایسا ہی ہوا ۔ باوجود اس کے کہ دشمن غار کے سر تک پہنچ چکا تھا پھر بھی اُسے یہ توفیق نہ ملی کہ وہ آگے بڑھ کر جھانک سکتا اور وہ وہیں سے بڑبڑاتے واہی تباہی باتیں کرتے ہوئے واپس چلا گیا ۔ غرض اس واقعہ کا ایک پہلو یہ ہے کہ موسیٰؑ کے ساتھیوں نے گبھرا کر یہ کہا کہ اے موسیٰؑ! ہم پکڑے گئے ۔گویا انہوں نے اپنے ساتھ موسیٰؑ کو بھی لپیٹ لیا ۔ اور خیال کیا کہ اب ہم سب فرعون کی گرفت میں آنے والے ہیں مگر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے توکّل نے آپؐ کے ساتھی پر بھی ایسا اثر ڈالا کہ اس کی زبان سے بھی یہ الفاظ نہ نکلے کہ ہم پکڑے گئے بلکہ اُس نے کہا تو صرف یہ کہ دشمن اتنا قریب آچکا ہے کہ اگروہ ہمیں دیکھنا چاہے تو دیکھ سکتاہے مگر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس واہمہ کو بھی برداشت نہ کیا اور فرمایا کہ ایسا خیال بھی مت کرو ہم اس وقت دو نہیں بلکہ ہمارے ساتھ ایک اور بھی ہستی ہے اور وہ ہمار اخدا ہے ۔
پھر حضرت موسیٰ علیہ السلام جب مصر سے نکلے تو وہ ہزاروں کی تعداد میں تھے جسے بائیبل نے اپنی شاعرانہ زبان میں لاکھوں بنا دیا ہے مگر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ صرف ایک آدمی تھا۔ اور گو وہ ایک آدمی بھی اپنے ایمان کے لحاظ سے سوالاکھ پربھاری تھا مگر بہر حال وہ فردِ واحد ہی تھا کوئی بڑی بھاری جمعیت اُس کے ساتھ نہیں تھی ۔ پھر موسیٰؑ اور اُس کے ساتھیوں کے سامنے بھاگنے کے لئے ایک کھُلا راستہ تھا مگر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ صرف ایک آدمی تھا اور باوجود اس کے کہ دشمن سے بھاگنے کا آپؐ کے سامنے کوئی راستہ نہیں تھا اور پھر آپؐ بالکل نہتے تھے آپؐ نے اللہ تعالیٰ پر کامل یقین رکھا اور فرمایا ۔ ابو بکر ؓ ! غم مت کرو۔ اِنَّ اللّٰہَ مَعَنَا (توبہ آیت ۴۰)یقینا ہمارا خدا ہمارے ساتھ ہے۔
پھر حضرت موسیٰ علیہ السلام نے تو صرف یہ کہا کہ اِنَّ مَعِیَ رَبِّیْ سَیَھْدِیْنِ۔ میرا رب میرے ساتھ ہے ۔ وہ یقینا مجھے کامیابی کا راستہ دکھائے گا ۔لیکن محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اِنَّ اللّٰہَ مَعَنَا فرماکر حضرت ابو بکر ؓ کو بھی اپنے وجود میں مدغم کرلیا اور فرمایا کہ جس طرح مجھے خدا کی معیت حاصل ہے اِسی طرح تمہیں بھی خدا کی معیت حاصل ہے ۔ اس لئے گھبراہٹ اور تشویش کی ضرورت نہیں ۔ پھر کیا یہ عجیب بات نہیں کہ فرعون نے جب موسیٰؑ کا تعاقب کیا تو اُس نے موسیٰؑ اور اس کے ساتھیوں کو دیکھ لیا ۔ لیکن جب محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے تعاقب میں مکّہ والے نکلے تو خد انے اُن کی آنکھوں کو اندھا کردیا اور نہ صرف وہ رسول کریم اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو پکڑ نے میں کامیاب نہ ہوسکے ۔ بلکہ انہیں اپنی آنکھو ں سے یعنی دیکھنے کی خدا تعالیٰ نے ان کو طاقت نہ دی ۔ اور اس طرح کلّی طور پر خدا تعالیٰ نے اُن کو خائب و خاسر کیا۔ اور اگر کسی شخص نے آپ ؐ کو دیکھ بھی لیا جیسا کہ سراقہؔ نے آپؐ کو مدینہ جاتے وقت دیکھ لیا تھا تو خدا نے اُسے اُس وقت تک واپس نہیں آنے دیا جب تک محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی عظمت اور آپؐ کی صداقت کا نشان اُس نے نہیں دیکھ لیا ۔ گویا دشمن صرف ایک مقام پر آپؐ کو دیکھنے میں کامیاب ہوا مگر اُس مقام پر بھی وہ دشمن کی کامیابی نہیں تھی بلکہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی کامیابی تھی کیونکہ دشمن نے آپؐ کو گھائل نہیں کیا بلکہ آپؐ نے دشمن کو گھائل کیا اور
پیشتر اس کے کہ وہ واپس لوٹتا وہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی صداقت اور آپؐ کی عظمت کا قائل ہوچکا تھا گو اسلام میں وہ فتح مکّہ کے موقعہ پر داخل ہوا۔ (اصابہ جلد ۳ صفحہ ۱۳۵)
فَاَوْحَیْنَآ اِلیٰ مُوْسیٰٓ اَنِ اضْرِبْ بِّعَصَاکَ الْبَحْرَ۔ فَانْفَلَقَ فَکَانَ کُلُّ فِرْقٍ کَالطَّوْدِ الْعَظِیْمِ٭
تب ہم نے موسیٰؑ کی طرف وحی کی کہ اپنے سونٹے کو سمندر پر مار۔ جس پر (سمندر) پھٹ گیا ۔اور اُس کا ہر ٹکڑا ایک بڑے ٹیلے کی طرح نظر آنے لگا ۔
وَاَزْلَفْنَا ثَمَّ الْاٰ خَرِیْنَ٭
اور اُس وقت ہم دوسرے گروہ (یعنی فرعون کے گروہ ) کو قریب لے آئے ۔
وَاَنْجَیْنَا مُوْسیٰ وَمَنْ مَّعَہٓٗ اَجْمَعِیْنَ٭
اور موسیٰؑ اور اُس کے ساتھیوں کو نجات دی ۔
ثُمَّ اَغْرَقْنَا الْاٰخَرِیْنَ٭
اور دوسرے گروہ کو ہم نے غرق کردیا۔
اِنَّ فِیْ ذٰلِکَ لَاٰیَۃً۔ وَمَا کَانَ اَکْثَرُھُمْ مُّوْمِنِیْنَ٭
اس(واقعہ) میں ایک بڑا نشان ہے ۔لیکن اِن (منکروں ) میں سے اکثر مانتے نہیں ۔
وَاِنَّ رَبَّکَ لَھُوَ الْعَزِیزُ الرَّحِیْمُ٭
اور تیرا رب یقینا غالب (اور ) بارباررحم کرنے والا ہے ۔ ۱۵؎
۱۵؎ حل لغات :۔ اِنْفَلَقَ۔ اِنْفَلَقَ کے معنے ہیں اِنْشَقَّ ۔پھٹ گیا (اقرب)
فِرْقٌ: اَلْفِرْقُ کے معنے ہیں اَلطَّائِفَۃُ مِنَ الشَّیْئِ الْمُتَفَرِّ قِ۔ یعنی فِرْقٌ متفرق چیز کے ایک حصہ کو کہتے ہیں(اقرب)
اَلطَّوْدُ: اَلْجَبَلُ الْعَظِیْمُ۔ یعنی طود عربی میں بڑے پہاڑ کو کہتے ہیں۔ نیز اس کے معنے ہیں اَلْمُشْرِفُ مِنَ الرَّمَلِ ۔ریت کا ٹیلہ ۔ اَلَْضْبَۃُ چھوٹی سی پہاڑی جو زمین پر پھیلی ہوئی ہو(اقرب)
اَزْلَفَنَا : اَزْلَفْنَا سے جمع متکلم کا صیضہ ہے اور اَزْلَفَہٗ کے معنے ہیں قرَّبَہٗ ۔اُ س کو قریب کیا جَمَعَہٗ : اُس کو جمع کیا (اقرب) پس اَزْلَفْنَا کے معنے ہونگے ہم نے قریب کیا یا جمع کیا ۔
تفسیر:۔فرماتاہے ہم نے موسیٰؑ کو وحی کی کہ اپناسونٹا سمندرپرمار۔جب اس نے سونٹا ماراتوسمندرپھٹ گیا۔اور ہرٹکڑا یعنی سمندر کی طرف کا پانی بھی اور خشکی کی طرف کاپانی بھی جو جھیلوں کی شکل میں تھاایک اونچے ٹیلے کے طور پر نظر آنے لگ گیا۔اس وقت ہم نے لشکر ِ فرعون کو قریب کردیا۔تب موسیٰؑ اور اس کے ساتھی تو سمندر او رجھیلوں کے درمیان ریت پر سے آرام کے ساتھ گذر گئے مگر فرعون کے لشکر میں گبھراہٹ پیداہوئی اور ان کی گاڑیوں کے پہیے ریت میں پھنسنے لگ گئے نتیجہ یہ ہوا کہ گاڑیاں نکالتے ہوئے مدّ کا وقت آگیا اور وہ سب کے سب غرق ہوگئے ۔
بائبل میں اس معجزہ کا ذکرکرتے ہوئے لکھا ہے ’’پھر موسیٰؑ نے اپنا ہاتھ سمندر کے اوپر بڑھایااور خداوند نے رات بھر تندپوربی آندھی چلاکر اور سمندر کو پیچھے ہٹاکراسے خشک زمین بنادیااو رپانی دو حصے ہوگیااور بنی اسرائیل سمندر کے بیچ میں سے خشک زمین پر چل کر نکل گئے اور ان کے داہنے اور بائیں ہاتھ پانی دیوار کی طرح تھا۔اور مصریوں نے تعاقب کیااور فرعون کے سب گھوڑے اور رتھ اور سوار ان کے پیچھے پیچھے سمندر کے بیچ میں چلے گئے ۔اور رات کے پچھلے پہر خداوند نے آگ اور بادل کے ستون میں مصریوں کے لشکر پر نظرکی اور ان کے لشکر کو گبھرادیااور ا س نے ان کے رتھو ں کے پہیوں کو نکال ڈالا ۔سو ان کاچلانامشکل ہوگیا۔تب مصری کہنے لگے آئو ہم اسرائیلیوں کے سامنے سے بھاگیں کیونکہ خداوند اُن کی طرف سے مصریوں کے ساتھ جنگ کرتاہے ۔اور خداوند نے موسیٰ سے کہا کہ اپنا ہاتھ سمندر کے اوپر بڑھا تاکہ پانی مصریوں اور اُن کے رتھوں اور سواروں پر پھر بہنے لگے ۔ اور موسیٰ نے اپنا ہاتھ سمندر کے اوپر بڑھایا اور صبح ہوتے ہوتے سمندر پھر اپنی اصلی قوت میں آگیا اور مصری اُلٹے بھاگنے لگے اور خداوند نے سمندر کے بیچ ہی میں مصریوں کو تہہ و بالا کردیا اور پانی پلٹ کر آیا اور اُس نے رتھوں اور سواروں اور فرعون کے سارے لشکر کو جو اسرائیلیوں کا پیچھا کرتا ہوا سمندر میں گیا تھا غرق کردیا اور ایک بھی اُن میں سے باقی نہ چھوڑا ۔ پر بنی اسرائیل سمندر کے بیچ میںسے خشک زمین پر چل کر نکل گئے اور پانی ان کے داہنے اور بائیں ہاتھ دیوار کی طرح رہا۔ سو خداوند نے اس دن اسرائیلیوں کو مصریوں کے ہاتھ سے اِس طرح بچایا اور اسرائیلیوں نے مصریوں کو سمند ر کے کنارے مرے ہوئے پڑے دیکھا اور اسرائیلیوں نے وہ بڑی قدرت جو خداوند نے مصریوں پر ظاہر کی دیکھی اور وہ لوگ خداوند سے ڈرے اور خداوند پر اور اُس کے بندے موسیٰ پر ایمان لائے ۔‘‘
(خروج باب ۴ آیت ۲۱ تا ۳۱)
پرانے مفسرین نے اس موقع پر بعض عجیب و غریب قصے بیان کئے ہیں۔ چنانچہ وہ فَانْفَلَقَ فَکَانَ کُلُّ فِوْقٍ کَالطَّوْدِ الْعَظِیْمِ کی تفسیر کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ حضرت موسیٰؑ نے جب سونٹا مارا تو سمندر بارہ جگہ سے پھٹ گیا ۔ تاکہ بنی اسرائیل کے بارہ قبائل اس میں سے علیحدہ علیحدہ گزرجائیں ۔ (تفسیر فتح البیان جلد۷ صفحہ ۱۷)پھر بعض نے اور زیادہ مبالغہ سے کام لیا ہے ۔اور لکھا ہے چونکہ ہر فریق کے درمیان پانی کی ایک دیوار حائل تھی اور بنی اسرائیل ایک دوسرے کو دیکھ نہیں سکتے تھے اس لئے انہوں نے کہا کہ جب تک ہم ایک دوسرے کو نہیں دیکھیں گے اُس وقت تک ہم ایک قدم بھی آگے نہیں چلیں گے ۔ اس پر موسیٰؑ نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی ۔ اور انہیں حکم ملا کہ پانی کی جو دیواریں کھڑی ہیں ان میں اپنا سونٹا داخل کرو۔ چنانچہ انہوں نے اسی طرح کیا ۔اور تمام دیواروں میں چوڑے چوڑے سوراخ ہوگئے اور وہ سب کے سب ایک دوسرے کو دیکھنے لگ گئے بلکہ ایک دوسرے کی باتیں بھی سننے
لگے اور ہنسی خوشی سمندر میں سے گزرگئے (کشاف جلد اول صفحہ ۲۱۵زیر آیات وَاِذْ فَرَقْنَا بِکُمُ الْبَحْرَ)
مفسرین نے یہ قصہ اپنی عجوبہ پسند طبیعت کی تسکین کے لئے تو بیان کردیا مگر انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ حضرت موسیٰؑ کا سونٹا کس قدر لمبا تھا کہ وہ بارہ راستے جن پر سے یہود نے گزرنا تھا ان کی دیواروں میں اس سونٹے نے اپنے ایک ہی وار سے سوراخ کردیئے ۔ اور پھر انہوں نے اس سوال پر بھی کوئی روشنی نہیں ڈالی کہ جن بنی اسرائیل میں باہم اِس قدر محبت پائی جاتی تھی کہ وہ ایک دوسرے کو دیکھے بغیر سمندر میںسے گزرنے کے لئے بھی تیار نہیں تھے وہ ایک ہی راستہ سے کیوں نہ گزرگئے ۔ اور اُن کے لئے الگ الگ راستے کیوں تجویز کئے گئے ۔ایک طرف اُن کا ایسے پُر خطر وقت میں بھی جب کہ فرعون کے تعاقب میں تھا الگ الگ راستوں سے جانا اور دوسری طرف اُن میں اس قدر محبت کا پایا جانا کہ وہ ایک دوسرے کو دیکھے بغیر ایک قدم بھی اٹھانا گوارہ نہ کریں بالکل متضاد بیانات ہیں جو اس قصہ کے بنانے والے کے افتراء کو ظاہر کررہے ہیں ۔حقیقت صرف اتنی ہی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے بنی اسرائیل کو ایسے وقت میں سمندر کے سامنے پہنچایا جبکہ جزر کا وقت تھا ۔چنانچہ اِدھر حضرت موسیٰ علیہ السلام نے سمندر پر سونٹا مار ا اُدھر اللہ تعالیٰ کے حکم کے ماتحت پانی گھٹنا شروع ہوگیا لیکن جب فرعون کا لشکر پہنچا تو اُس وقت حضرت موسیٰ علیہ السلام سمندر کے اس خشک ٹکڑے کا اکثر حصّہ طے کرچکے تھے۔ فرعون نے اُن کو پار ہوتے دیکھ کر جلدی سے اپنی رتھیںسمندر میں ڈال دیں۔ مگر سمندر کی ریت اُس کے لئے جان لیوا ثابت ہوئی اُس کی رتھوں کے پہیئے ریت میں پھنسنے لگے ۔جن کو نکالتے نکالتے اِس قدر دیر ہوگئی کہ مدّ کا وقت آگیا ۔ اور فرعون اپنے تمام لشکر کے ساتھ وہیں غرق ہوگیا ۔ فَانْفَلَقَ کا لفظ بھی اِسی حقیقت کی طرف اشارہ کرتا ہے ۔ کیونکہ اِنْفَلَقَ کے معنے جُدا ہوجانے کے ہیںاور سمندر کے جدا ہونے کا یہی مفہوم ہے کہ وہ کنارہ سے ہٹ گیا تھا اور اُس کی وجہ سے جو خشکی نکل آئی تھی اس میں سے بنی اسرائیل گزرگئے ۔اُس وقت بنی اسرائیل کے ایک طرف سمندر تھا اور دوسری طرف وہ چھوٹی چھوٹی جھیلیں تھیں جو سمندر کے کنارے واقعہ تھیں اور وہ درمیان میں سے گزرنے والوں کو ریت کے اونچے ٹیلے کی طرح اُٹھی ہوئی نظر آتی تھیں۔اللہ تعالیٰ اس عظیم الشان معجزہ ا ذکر کرتے ہوئے فرماتاہے اِنَّ فِیْ ذٰلِکَ لَاٰیَۃً ۔ وَمَا کَانَ اَکْثَرُھُمْ مُّوْمِنِیْنَ وَاِنَّ رَبَّکَ لَھُوَ الْعَزِیْزُ الرَّ حِیْمُ۔اس واقعہ میں خدا تعالیٰ کی طاقت اور اس کی عظمت کا ایک بہت بڑا نشان مخفی ہے مگر افسوس ہے کہ اتنے بڑے نشانات کو دیکھنے کے باوجود لوگوں کی آنکھیں بند رہتی ہیںاور وہ خدا تعالیٰ کے انبیاء پر ایمان لا کر اللہ تعالیٰ کی رضا اور اُس کی خوشنودی حاصل کرنے کی کوشش نہیں کرتے ۔ جب بھی اللہ تعالیٰ کا کوئی نبی آتا ہے اکثریت اس کا انکار کردیتی ہے اوربہت تھوڑے لوگ اس پر ایمان لانے کی سعادت حاصل کرتے ہیںحالانکہ چاہیئے یہ تھا کہ اتنے بڑے نشانات کے بعد اکثریت ہمیشہ خدا تعالیٰ کی آواز پر لبیک کہتی اور صرف شاذو نادر کے طور پر ہی چند ایسے لوگ رہ جاتے جو اس کی آواز پر لبیک نہ کہتے مگر یہ کتنے تعجب اور افسوس کی بات ہے کہ اتنے بڑے نشانات بھی لوگوں کی آنکھیں کھولنے کا موجب نہیںبنتے اور وہ مخالفت اور انکار پر ہی کمر بستہ رہتے ہیں۔ مگر اُن کے انکار کے باوجود اس میں کوئی شک نہیں کہ اِنَّ رَبَّکَ لَھُوَ الْعَزِیْزُ الرَّحِیْمُ تیرا رب بڑاغالب اور باربار رحم کرنے والاہے ۔یعنی وہ اپنے نبیوں کو غالب کرکے اپنے عزیز ہونے کا ثبوت دیتاہے اور لوگوں کے استہزاء اور انکار کے باوجود دنیا میں نئی خرابیاں پیدا ہونے پر پھر اپنے رسول بھیج کر اپنے رحیم ہونے کا ثبوت دیتا ہے ۔عربی زبان کے قواعد کے مطابق رحیم کے وزن پر جو الفاظ آتے ہیں اُن
کے معانی میں لمبائی اور تواتر پایا جاتا ہے ۔پس صفت رحیم کا ذکر فرما کر اللہ تعالیٰ نے اپنی اسی سنّت کا ذکر فرمایا ہے جو ہمیشہ سے چلی آرہی ہے کہ جب بھی دنیا میں خرابی پیدا ہوتی ہے اللہ تعالیٰ اس کی اصلاح کے لئے اپنا کوئی مامور مبعوث فرما دیتا ہے جو پھر بھُولے بھٹکے بندوں کا خداتعالیٰ سے تعلق قائم کردیتا ہے چنانچہ دیکھ لو آج تک دنیا میں کوئی نبی بھی ایسا نہیں آیا جو اپنے رشتوں پر غالب نہ آیا ہو ۔ اور کبھی ایسا نہیں ہو اکہ دنیا میں خرابی پیدا ہوئی ہو اور خداتعالیٰ نے اُس کی اصلاح کا سامان نہ کیا ہو ۔آدمؑ آیا تو لوگوںنے اُس کی مخالفت کی۔ مگر آدمؑ کی مخالفت کی وجہ سے خداتعالیٰ نے یہ نہیں کہا کہ اب میں اپنا کوئی نبی نہیں بھیجوں گا بلکہ اُس نے نوح ؑ کی بھی لوگوں نے شدید مخالفت کی۔مگرا س مخالفت کو دیکھتے ہوئے جب پھر اُس کے بندے گمراہ ہوئے تو خدا تعالیٰ نے ابراہیم ؑ کو لوگوں کی ہدایت کیلئے کھڑا کردیا ۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی بھی شدید مخالفت ہوئی ۔ یہاں تک کہ لوگوں نے آپ کو آگ میں ڈال دیا مگراتنی مخالفت کے باوجود خدا تعالیٰ جو رحیم تھا اُس نے پھر موسیٰؑ کو لوگوں کی ہدایت کیلئے کھڑا کردیا اور پھر اُن کی اُمت میں سینکڑوں انبیاء مبعوث کئے جن میں سے بعض قتل بھی کئے گئے ۔ مگر لوگوں کی اتنی عداوت کے باوجود جب پھر تمام دنیا میں گمراہی پھیل گئی تو اللہ تعالیٰ نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو لوگوں کی ہدایت کے لئے مبعوث فرمادیا۔
غرض اللہ تعالیٰ کے عزیز اور رحیم ہونے کا ہمیں ہر زمانہ میں ثبوت ملتا ہے ۔ ہر زمانہ میں خدا اور اس کا رسول غالب رہے ۔ جیسا کہ وہ قرآن کریم میں ایک دوسرے مقام پر فرماتا ہے کہ کَتَبَ اللہُ لَاَغْلِبَنَّ اَنَا وَرُسُلِیْ(مجادلہ آیت ۲۲)یعنی خدا تعالیٰ نے یہ فیصلہ کررکھا ہے کہ میں اور میرے رسول ہمیشہ غالب رہیںگے ۔ اور پھر ہر زمانہ میں اس کے رحیم ہونے کا بھی ثبوت ملتا رہا یعنی باوجود اس کے کہ لوگوں نے اس کے پیاروں کی شدید مخالفت کی پھر بھی وہ باربار لوگوں کی ہدایت کا سامان کرتا رہا۔ چنانچہ حضرت موسیٰ علیہ السلام کا واقعہ بیان فرما کر اللہ تعالیٰ نے اپنے عزیزؔاور رحیم ؔ ہونے کی صفات کا اس لئے ذکر کیا ہے کہ اس واقعہ نے ایک طرف تو خداتعالیٰ کے عزیز ہونے کو ظاہر کردیا اور باوجود اس کے کہ موسیٰؑ کی فرعون کے لائو لشکر کے مقابلہ میں کوئی حیثیت نہیں تھی پھر بھی موسیٰؑ غالب آیا اور فرعون تباہ ہوگیا اور دوسری طرف اس واقعہ نے خداتعالیٰ کے رحیم ہونے کو بھی ثابت کردیا۔ کیونکہ باوجود اس کے کہ موسیٰؑ کی اتنی شدید مخالفت ہوئی پھر بھی خداتعالیٰ نے اپنے رسولوں کا سلسلہ منقطع نہ کیا ۔بلکہ جب پھر اس کے بندے روحانی بھوک اور افلاس کا شکار ہوئے تو اُس نے اُن کی اصلاح کیلئے اپنے رسولوں کو کھڑا کردیا ۔
وَاتْلُ عَلَیْھِمْ نَبَاَ اِبْرٰھِیْمَ٭
اور ان کو ابراہیمؑ کا واقعہ پڑھ کرسُنا۔
اِذْ قَالَ لِاَبِیْہِ وَقَوْمِہٖ مَاتَعْبُدُوْنَ٭
جب کہ اُس نے اپنے باپ اور اپنی قوم سے کہا تم کس چیز کی عبادت کرتے ہو؟
قَالُوْ انَعْبُدُ اَصْنَامًا فَنَظَلُّ لَھَا عَاکِفِیْنَ٭
انہوں نے کہا ہم بتوں کی پرستش کرتے ہیں۔اور اُن کے آگے بیٹھے رہتے ہیں۔
قَالَ ھَلْ یَسْمَعُوْنَکُمْ اِذْ تَدْعُوْنَ٭
اِس پر اُس (یعنی ابراہیم ؑ) نے کہا کہ کیا جب تم ان کو بلاتے ہوتو وہ تمہاری (اس )پکار کو سُنتے ہیں؟
اَوْیَنْفَعُوْنَکُمْ اَوْیَضُرُّوْنَ٭
یا تمہیں کوئی نفع پہنچاتے یا ضرر دیتے ہیں ؟
قَالُوْابَلْ وَجَدْنَآ اٰبَآئَ کَذٰلِکَ یَفْعَلُوْنَ٭
انہوں نے کہا۔ ایسا تو نہیں لیکن تم نے اپنے بڑوں کو ایسا ہی کرتے دیکھتے آئے ہیں۔۱۶؎
۱۶؎ حل لغات:۔اَصْنَامٌ: صَنَمٌ کی جمع ہے ۔ اور صَنَمٌ کے معنے ہیں صُوْرَۃٌ اَوْتِمْثَالُ اِنْسَانٍ اَوْحَیَوَانٍ یُتَّخَذُ لِلْعِبَادَۃِ۔انسان یا حیوان کا وہ مجسمہ جو عبادت کیلئے بنایا جاتا ہے ۔اَوْکُلُّ مَاعُبِدَمِنْ دُوْنِ اللّٰہِ۔یا اللہ تعالیٰ کے سوا جس کی عبادت کی جائے اس کو بھی صنم کہتے ہیں (اقرب)
مفردات میں ہے ۔ بَلْ کُلُّ مَا یَشْغُلُ عَنِ اللّٰہِ تَعَالیٰ یُقَالُ لَہٗ صَنَمٌ۔ ہر وہ بات جو اللہ تعالیٰ کی عباد ت کرنے اور اس کے احکام کی تعمیل میں روک بنے وہ صنم کہلاتاہے۔
عَاکِفِیْنَ: عَکَفَ سے اسم فاعل مذکر کاصیغہ عَاکِفٌ آتا ہے ۔ اور عَاکِفُوْنَ اورعَاکِفِیْنَ سے اسم جمع کا صیغہ ہے ۔ عَکَفَ کے معنے ہیں ۔ کسی کی عظمتِ شان کی وجہ سے اُس کیطرف متوجہ ہونا اور ا س کیساتھ رہنا (مفردات) پس عَاکِفٌ کے معنے ہونگے ۔ کسی کی عظمتِ شان کی وجہ سے اُس کے پاس بیٹھنے والا اور اُس کے پاس رہنے والا۔
تفسیر :۔فرماتا ہے ۔اب تو خدا تعالیٰ کے عزیزؔ اور رحیمؔ ہونے کے ثبوت میں ان کو ابراہیمؑ کا واقعہ سُناجس نے اپنی قوم کو توحید کی تعلیم دی اور بتوں کی پرستش سے اُسے روکا۔
حضرت ابراہیم علیہ السلام ایک بُت پرست بلکہ بُت ساز گھرانے میں پیدا ہوئے تھے اور چلڈیا کے ایک شہر اُورکدیم کے رہنے والے تھے ۔ ان کے خاندان کے لوگوں کو گزارہ ہی بتوں کے چڑھا دوں اور بت فروشی پر تھا ۔ والد بچپن میں ہی فوت ہوگئے تھے ۔ اور چچا کی آغوش میں انہوں نے پرورش پائی تھی جس نے اُن کے ہوش سنبھالتے ہی اپنے بیٹوں کے ساتھ آپ کو بھی بت فروشی کے کام پرلگا دیا حقیقت سے نا آشنا چچا کو یہ معلوم نہ تھ اکہ جس دل کو خالق کون و مکاں چُن چکا ہے اُس میں بتوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہوسکتی ۔ پہلے ہی دن ایک امیر گاہک جو اپنی عمر کی انتہائی منزلیں طے کر رہاتھا اور تھا بھی مالدار بت خریدنے کیلئے آیا ۔
بت فروش چچا کے بیٹے خوش ہوئے کہ آج اچھی قیمت پر سودا ہوگا ۔ بوڑھے امیر نے ایک اچھا سا بت چُنا اور قیمت دینے ہی لگا تھا کہ اُس بچہ کی توجہ اس گاہک کی طرف ہوئی ۔ اور اُس نے سوال کیا۔ یہاں بوڑھے ۔ تم قبر میں پاؤں لٹکائے بیٹھے ہو۔ تم اِس چیز کو کیا کرو گے ؟ اُس نے جواب دیا کہ گھر لے جائوں گا اور ایک صاف اورمطہر جگہ میں رکھ کر اُس کی عبادت کروں گا ۔ یہ سعید بچہ اس خیال پر
اپنے جذبات کو نہ روک سکا۔ اور پوچھا ۔تمہاری عمر کیا ہوگی ۔ اُس نے اپنی عمر بتائی اوراس بچہ نے نہایت حقارت آمیز ہنسی ہنس کر کہا کہ تم اتنے بڑے ہو اور یہ بت تو ابھی چند دن ہوئے میرے چچا نے بنوایا ہے کیا تمہیں اس کے سامنے سجدہ کرتے ہوئے شرم نہ آئے گی ۔ نہ معلوم اس بوڑھے کے دل پر توحید کی کوئی چنگاری گری یا نہ گری لیکن اُس وقت اُس بت کا خریدنا اُس کیلئے مشکل ہوگیا۔ اور وہ بت وہیں پھینک کر واپس چلا گیا ۔ اس طرح ایک اچھے گاہک کو ہاتھ سے جاتادیکھ کر بھائی سخت ناراض ہوئے اور انہوں نے اپنے باپ تارہؔ کو اطلاع دی جس نے اس بچہ کی خو ب خبر لی ۔ یہ پہلی تکلیف تھی جواس پاکباز ہستی نے توحید کے لئے اٹھائی لیکن باوجود چھوٹی عمر اور کم سنی کے زمانہ کے یہ سزا جوشِ توحید کو سرد کرنے کی بجائے اُسے اور بھی بھڑکانے کا موجب ہوئی ۔ سزا نے فکر کا دروازہ کھولا اورفکر نے عرفان کی کھڑکیاں کھول دیں۔ یہاں تک کہ بچپن کی طبعی سعادت جوانی کاپختہ عقیدہ بن گئی ۔اور آخر اللہ تعالیٰ نے نور ذہنی نورپر گرکر الہام کی روشنی پیدا کرنے کاموجب ہوگیا ۔ اور خداتعالیٰ ے آپ کو دنیا کی اصلاح کے لئے نبوت کے مقام پر سرفراز فرمادیا ۔
چونکہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کے تمام خاندان کا گزارہ ہی بتوں کی فروخت پرتھا اور تارہؔ خود بت پرست تھا جیسا کہ بائیبل کی کتاب یشوعؔ باب ۲۴آیت ۲سے ثابت ہوتا ہے اس لئے اُن کے چچا اور چچازاد بھائیوں نے ان کو مشورہ دیا کہ ہم پروہت ہیں اور ہمارا گزارہ ہی اس پر ہے ۔ اگر تم نے بتوں کی پرستش نہ کی تو ہمارا رزق بند ہوجائے گا ۔ مگر آپ نے نہایت دلیری سے جواب دیا کہ جن بتوں کو انسان اپنے ہاتھ سے گھڑتاہے ان کو میں ہرگز سجدہ نہیں کرسکتا۔اس جواب کی اہمیت کااندازہ ہرشخص نہیں کرسکتاصرف وہی کرسکتاہے جسے قربانی کرنے کاموقع ملاہو ۔آج جب کہ منظم حکومتیں دنیامیں موجود ہیں اس پرامن زمانہ میں بھی میں نے دیکھاہے کہ بعض لوگوں پر جب صداقت کھل جاتی ہے تووہ مجھے لکھتے ہیںکہ اگر ہم احمدی ہوجائیںتو ہمارے گذارہ کی کیاصورت ہوگی ؟ہمارے ساتھ ہمدردی کی کیاصورت ہوگی ؟ آج جب احمدیت کو قبول کرنے میں کوئی خاص تکالیف نہیں ہیں سوائے معمولی تکالیف کے ۔اچھے اچھے تعلیم یافتہ بڑی عمر کے اور بیوی بچوں والے یہ سوال کرتے ہیں کہ ہمارے ساتھ ہمدردی کی کیاصورت ہوگی گذارہ کاکیاانتظام ہوگا؟لیکن حضرت ابراہیم ؑ جو یتیم ہونے کی وجہ سے پہلے ہی شکستہ دل تھے اورجن کاپہلے ہی کوئی ٹھکانہ نہ تھااپنے چچاکے ہاں اوراس کی مہربانی سے پرورش پارہے تھے وہ اپنے دل سے یہ سوال نہیں کرتے کہ اب گذارہ کی کیاصورت ہوگی ؟بلکہ بلا سوچے بہادرانہ طو ر پر یہ جواب دیتے ہیں کہ جن بتوں کوانسان خود گھڑتے ہیں ان کومیں سجدہ نہیں کرسکتا۔بعینہ اسی قسم کاواقعہ رسول کریم ﷺ کوبھی پیش آیا۔جب ایک لمبے عرصہ تک آپؐ نے شرک کے خلاف تعلیم دی اور ایک لمبی کوشش کے بعد اہل مکہ آپؐ کو اور آپ کے صحابہ ؓ کو دوبارہ اپنے دین میں شامل کرلینے سے مایوس ہوگئے تو مکہ کے رئوساء آپ ؐ کے چچا ابوطالب کے پاس گئے اور کہا کہ آپ کی خاطر ہم اب تک آپ کے بھتیجے سے نرمی کرتے رہے ہیں مگر ہمارے سایہ کے نیچے رہتے ہوئے اس نوجوان نے ہمارے معبودوں کو بہت بری طرح ذلیل کیاہے ہم اس پر سختی کرسکتے تھے مگر ہمیں آپ کا لحاظ تھا۔اس لئے ہم نے اس سے وہ سلوک نہ کیاجس کا وہ مستحق تھا ۔مگراب یہ بات ہمارے لئے ناقابل برداشت ہوگئی ہے اور ہم یہ آخری پیغام لے کرآپ کے پاس آئے ہیں کہ آپ اسے سمجھائیں ۔ہم یہ نہیں کہتے کہ وہ اپنی تعلیم پیش نہ کرے بلکہ صرف یہ چاہتے ہیں کہ ہمارے معبودوں پر سختی سے حملہ نہ
کرے اور تبلیغ میں نرمی کاپہلورکھے اور اگروہ آپ کے کہنے سے اتنابھی کرنے کے لئے تیارنہ ہو تو آپ اس سے قطع تعلق کرلیں اور ہم پر اس کامعاملہ چھوڑدیں ۔اور اگر آپ اس کے لئے بھی تیار نہیںہیںتو گو ہمارے دلوں میں آپ کابہت ادب ہے اور آپ کے خاندان کوفضیلت حاصل ہے لیکن اب معاملہ اس حد تک پہنچ گیاہے کہ ہم صبرنہیں کرسکتے اور آپ سے بھی ہمیں مجبوراً قطع تعلّق کرنا پڑے گا ۔ابوطالب مومن نہ تھے اور ایمان کے بعد جو بہادری انسانی قلب میں پیداہوجاتی ہے اس سے محروم تھے۔وہ رئیس تھے اور ان کے نزدیک سب سے بڑی بات یہ تھی کہ ریاست سے ہاتھ دھوبیٹھنے کاخطرہ ان کے سامنے تھا ۔سارامکّہ ان کو سلام کرتاتھامگر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلّم کاساتھ نہ چھوڑنے کایہ نتیجہ ہوسکتاتھا۔کہ کوئی ان کو منہ بھی نہ لگاتا ۔اوریہ کوئی معمولی بات نہ تھی ۔اس قسم کی عزتوں کے لئے لوگ بڑی بڑی قربانیاں بھی کردیتے ہیں او ر ایک ایک سلام کے لئے مراکرتے ہیں۔حضرت خلیفہ اوّل ؓ سنایاکرتے تھے کہ جب تعلیم سے فارغ ہوکرنئے نئے بھیرہ میںآئے تو بعض مولویوں نے شورمچانا شروع کردیاکہ یہ وہابی ہیں اور بعض نے آپ کے خلاف کفر کے فتوے کی تحریک شروع کردی ۔اس وقت اس علاقہ میںایک معزز پیر صاحب تھے جن کا بھیرہ اور اس کے نواح میں بہت اثر تھا۔فتوٰی کفر شائع کرنے والے ان کے پاس بھی گئے کہ دستخط کردیں ۔باقی مولویوں سے تو خلیفہ اوّل ؓ کے دوست نہ ڈرتے تھے مگران پیر صاحب متعلق انہیں ضرور خیال تھا کہ اگر یہ بھی مولویوں کے ساتھ مل گئے تو فساد بڑھ جائیگا اس لئے آپ کے دوستوں میں سے ایک زیرک دوست پیر صاحب کے پا س پہنچے اورکہا۔سناہے مولوی لوگ آ پ سے فتوٰی لینے آئے تھے ۔پیرصاحب نے کہاکہ ہاں آئے تھے او ر جوباتیں وہ کہتے تھے ٹھیک ہیں ااورمیراارادہ ہے کہ فتوٰی دے دوں ۔اس پر اس دوست نے کہاکہ آ پ تو پیر ہیں اور سب نے آ پکو سلام کرناہے ۔نورالدین خواہ کچھ ہو ۔آپ کوسلام تو ضرور کرتاہے اور اگر آپ نے فتوٰی دے دیاتو وہ اور ان کے دوست آئندہ آپ کو سلام نہیں کریں گے ۔اس پرپیر صاحب گھبراگئے اورکہنے لگے ۔بھلا ہم پیروں کافتووں سے کیاتعلق ۔آپ مولوی صاحب سے کہہ دیں کہ سلام نہ چھوڑیں۔اس دوست نے آ کرحضرت خلیفہ اوّل رضی اللہ عنہ سے کہاکہ میں اس طرح کرآیاہوں اور اب پیرصاحب چاہیں گے کہ آپ ان کوسلام کریں۔آپ نے فرمایاہماراکیاحرج ہے کردیںگے ۔چنانچہ وہ دوست پھر پیرصاحب کے پاس گئے ۔اور پیرصاحب سے کہاکہ مولوی صاحب کہتے ہیںکہ پیرصاحب بڑے آدمی ہیں ہم ان کو سلام کیوں نہ کریں گے ۔اس پرپیرصاحب بہت خو ش ہوئے اور کہنے لگے کہ اچھاہم فلاں روز اس طرف سے گذریںگے ۔مولوں صاحب سے کہنا کہ ضرورسلام کریں۔چنانچہ پیرصاحب مولوی صاحب ؓ کے مطب کے سامنے سے گذر ے اور حضرت مولوی صاحب ؓ نے اپنے دوستوں سمیت باہرنکل کران کوسلام کیا۔پیرصاحب نے گھوڑا کھڑاکرلیااور حضرت مولوی صاحب سے باتیں کرنے لگے کہ دیکھوہمارے پاس مولوی لوگ فتوٰی کے لئے آئے تھے مگر ہم نے انکار کردیاکہ ہم کو ان باتوں سے کیاتعلق ہے ۔ہمیں سب نے سلام کرناہوا۔یہ واقعہ شہر میں پھیل گیااور پیرصاحب کے مرید اس تحریک سے الگ ہوگئے او رمخالفت کازور ٹوٹ گیا۔غرض ابوطالب کے لئے یہ بڑاامتحان تھا۔وہ سارے شہر میں مکرّم سمجھے جاتے تھے اور ایسامعلوم ہوتاتھا کہ اب ان کی عزّت جاتی رہے گی ۔انہوں نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلّم کو بلوایااور کہاکہ اے میرے بھتیجے میں سمجھتاہوں کہ توجو کچھ کرتاہے سچ سمجھ کرکرتاہے اور میں نے بھی ہمیشہ تیری مدد کی ہے اور تجھے دشمنوں سے بچایاہے مگراب میری قوم کے لوگ میرے پاس آئے ہیں اور انہوں نے کہاہے کہ یاتو اپنے
بھتیجے سے کہو کہ تبلیغ میں نرمی کرے اوریاپھر اس سے قطع تعلق کرلواور اگرمیںایسانہ کروں توقوم میرے ساتھ قطع تعلقی کرلے گی اور تُو جانتاہے کہ قوم کامقابل مشکل ہوتاہے ۔اب تو بتاتیری کیارائے ہے ۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلّم نے جس وقت یہ بات سنی ۔آپ ؐ کی آنکھوں میںآنسو بھرآئے اورآپ ؐ نے فرمایا۔اے میرے چچا۔میرے دل میں آپ کابڑاادب ہے ۔مگرسچائی کے مقابلہ میں میں آپ کی بات ماننے کے لئے تیارنہیں ہوں ۔اگردشمن میرے دائیں طرف سورج اور بائیں طرف چاند لاکرکھڑاکردیںتب بھی میں تبلیغ میں نرمی نہیںکروں گا۔اور توحیدکی اشاعت سے بازنہیںرہوں گا۔میںآپ کے لئے ہرقربانی کرنے کو تیارہوں لیکن یہ بات آپ کی نہیںمان سکتا۔آپ مجھے میرے حال پر چھوڑدیں اور اپنی قوم سے صلح کرلیں۔میرے لئے اللہ تعالیٰ کافی ہے ۔اس پرباوجود اس کے کہ ابوطالب کے لئے قوم کاچھوڑنا مشکل تھا اس دلیرانہ جواب کوسن کران پرایسااثر ہواکہ انہوں نے کہا کہ اگر قوم مجھے چھوڑتی ہے تو بیشک چھوڑ دے میںتجھے نہیں چھوڑوں گا۔ابوطالب کے اس جواب کی اہمیت کا پورا اندازہ وہ لوگ نہیں لگاسکتے جو تاریخ سے ناوقف ہونے کی وجہ سے ایک اور واقعہ کونہیںجانتے جس سے ابوطالب کی قلبی کیفیت کاپتہ چلتاہے اور یہ معلوم ہوتاہے کہ انہیںاپنی قوم سے کتنی محبت تھی ۔جب ان کی وفات کاوقت قریب آیاتوچونکہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلّم کو ان سے بہت ہی محبت تھی ۔ان کی قربانیوںاور حسن سلوک کی وجہ سے آپ ؐ کو اس بات سے سخت دکھ ہوا کہ آپ مسلمان ہوئے بغیر مررہے ہیں ۔آپ کبھی ان کے دائیں جاتے اور کبھی بائیںاورکہتے کہ اے چچا اب موت کاوقت قریب ہے لَااِلٰہَ اِلاَّ اللّٰہُ مُحَمَدّرَسُوْلُ اللّٰہِ کہہ دیجیے مگر ابوطالب خاموش رہے اور کچھ جواب نہ دیا ۔آخر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلّم نے بہت اصرار کیا۔آپ ؐ پر رقّت طاری تھی ۔ اورآپ ؐ باربار کہتے تھے کہ اے چچا ایک دفعہ کلمہ پڑھ لیں تاکہ میں خداکے حضور کہہ سکوں کہ آپ نے اسلام قبول کرلیاتھالیکن ابوطالب نے آپ یہی جواب دیاکہ میںاپنی قوم کے دین کو نہیں چھوڑسکتا۔گویاان کواپنی قوم سے اتنی محبت تھی کہ وہ اس کے بغیرجنت میںبھی جانانہ چاہتے تھے ۔مگر اپنی قوم سے اس قد ر محبت رکھنے والے شخص پررسول کریم صلی اللہ علیہ وسلّم کے بہادرانہ جواب کایہ اثر ہوا کہ اس نے کہہ دیاکہ اچھااگر قوم مجھے چھوڑتی ہے تو چھوڑدے میںتم کونہیںچھوڑوںگا۔ابو طالب کے اس جواب کی اہمیت کا پورا اندازہ وہ لوگ نہیں لگا سکتے جو تاریخ سے ناواقف ہونے کی وجہ سے ایک اور واقعہ کو نہیں جانتے جس ابو طالب کی قلبی کیفیت کا پتا چلتا ہے اور یہ معلوم ہوتا ہے کہ انہیں اپنی قوم سے کتنی محبت تھی۔ جب اُن کی وفات کا وقت قریب آیا تو چونکہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلمکو ان سے بہت ہی محبت تھی۔ ان کی قربانیوں اور حسنِ سلوک کی وجہ سے آپؐ کو اس بات سے سخت دُکھ ہواکہ آپ مسلمان ہوئے بغیر مر رہے ہیں ۔ آپ کبھی ان کے دائیں جاتے اور کبھی بائیں اور کہتے کہ اے چچا! اب موت کا وقت قریب ہے لَا اِلٰہَ اَلَّا اللّٰہُ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللّٰہِ کہہ دیجیئے ۔مگر ابو طالب خاموش رہے اور کچھ جواب نہ دیا ۔آخر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بہت اصرار کیا ۔آپؐ پر رقت طاری تھی۔اورآپؐ باربار کہتے تھے کہ اے چچا ! ایک دفعہ کلمہ پڑھ لیں تاکہ میں خدا کے حضور کہہ سکوں کہ آپ نے اسلام قبول کرلیا تھا لیکن ابو طالب نے آخر میں یہی جواب دیا کہ میں اپنی قوم کے دین کو نہیں چھوڑسکتا ۔ گویا ان کو اپنی قوم سے اتنی محبت تھی کہ وہ اس کے بغیر جنت میں بھی جانا نہ چاہتے تھے ۔ مگر اپنی قوم سے اس قدر شدید محبت رکھنے والے شخص پر رسول کریم صلی
اللہ علیہ وسلم کے بہادرانہ جو اب کا یہ اثر ہوا کہ اُس نے کہہ دیا کہ اچھا اگر قوم مجھے چھوڑتی ہے تو چھوڑے میں تم کو نہیں چھوڑوں گا ۔
جو زیفس ؔ مشہور یہودی مؤرخ پُرانی کتب سے حضرت ابراہیم علیہ السلام کے حالات کو ذکر کرتے ہوئے لکھتاہے کہ ابراہیم ؑ پہلے آدمی تھے جنہوں نے دلیری سے خدا کے خالق ہونے اور ایک ہونے کا اعلان کیا ۔ اور کہا کہ سب ستارے خدا کے قبضہ میں ہیںاور اُسی کے حکم کے ماتحت حرکت کرتے ہیں۔ چونکہ اُن کی قوم ستارہ پرست تھی اُن کی ستارہ پرستی کی مخالفت نے چلڈ نیز کا غصہ بھڑکادیا اور اُن کو اپنا ملک چھوڑ کرکنعان جانا پڑا ۔کہتے ہیں کہ جب آپ چودہ برس کے تھے تو ستاروں اور بتوں کی پرستش سے بچنے کے لئے آپ نے اپنے باپ کو چھوڑدیا اور خدا سے دُعا کی کہ وہ اُن کو انسانوں کی غلطیوں سے بچائے ۔ یہ بھی لکھا کہ حضرت ابراہیم ؑ نے زراعت کے بعد عمدہ طریق ایجاد کئے اور انہوں نے اپنے باپ تارہؔ کو توحید کی تعلیم دی مگر وہ لوگوں سے ڈرتا تھا اور اُس نے ان کو خاموش رہنے کو کہا۔ جب حضرت ابراہیم ؑ کے بھائی بھی اُن کے مخالف ہوگئے تو انہوںنے بت خانہ کو آگ لگا دی اور اُن کے بچانے کی کوشش میں اُن کا بھائی ہاران جل مرا(اس سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ لکڑی کے بت تھے ۔ یہی وجہ ہے کہ حضرت ابراہیم ؑ نے تلوار سے اُن کو کاٹ دیا تھا) لکھا ہے کہ نئے سال کے چاند کو ایک دفعہ دیکھ رہے تھے تاکہ آئندہ سال کی فراخی کو معلو کریں کہ ان کو الہام ہوا کہ خدا کی مرضی کے مقابلہ میں ستاروں کااثر کیا حقیقت رکھتا ہے ۔ آخر بہت دُعاؤں کے بعد آپ نے اپنی قوم کو چھوڑ دیا ۔ تاکہ اعلیٰ صداقتوں کو دنیا میں قائم کریں ۔
بعض روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ تین سال کی عمر میں ان کو سچا علم ملا ۔ بعض میں دس اور بعض میں چالیس لکھا ہے ۔ فلسطینی ربّیوں کے لٹریچر میں آپ کے متعلق بہت سی تفاصیل دی گئی ہیں اور آپ کے زمانہ کے بادشاہ کا نام نمرودؔ بتایاگیا ہے اور چاند ستاروں کا واقعہ یوں لکھا ہے کہ تارہؔ نے نمرود ؔ سے ڈر کر جو اُن کے بیٹے کو مارنا چاہتا تھا (کیونکہ نجومیوں نے اُسے بتایا تھا کہ ایک بچہ پیدا ہوا ہے جو تیری حکومت کو تباہ کردے گا ) تین سال تک حضرت ابراہیم ؑ کوچھپائے رکھا۔ جب وہ بھورے سے باہر نکلے تو سورج کو دیکھ کر انہوں نے خدا سمجھا ۔ جب سورج ڈوبا تو چاند کو خدا اور ستاروں کو اس کا نوکر سمجھا ۔ جب صبح ہوئی تو دونوں سے انکار کرکے کہا کہ خدا کوئی ااور ہو گا ۔ اس پر ابراہم ؑ نے باپ سے پوچھا ۔ آسمان و زمین کس نے پید ا کئے ۔ اُس نے جواب میں کہا کہ یہ بت جو سامنے ہے یہ ہمار ا خدا ہے ۔ ابراہم ؑ نے کہا کہ میں اسے نذر چڑھائوں گا۔ اور عمدہ کھانا پکواکر اس کو دیا اُس نے نہ کھایا تو اور اچھا کھانا پکوا کر سامنے رکھا جب پھر بھی اس نے نہ کھا یا اور نہ کوئی جواب دیا تو آگ سے اس کو اور دوسرے بتوں کو جلا دیا جب تارہؔ واپس آیا تو اُس نے پوچھا ۔ ان کو کس نے جلایا ہے ۔ انہوں نے کہا۔ بڑا چھوٹوں پر ناراض ہوگیا ۔اور غصہ میں اُس نے ان کو جلا دیا ۔ باپ نے کہا۔ بیوقوف جو نہ سُنے اور نہ دیکھے نہ چل سکے ۔ وہ یہ کام کس طرح کر سکتا تھا ۔ انہوں نے کہا ۔ پھر تم زندہ خدا کو چھوڑ کر اِن کے پیچھے کیوں چل پڑے ہو ۔ ایک دن ایک عورت کھانے کی کوئی چیز نذر لائی ۔ ابراہیم ؑ نے کہا ۔ اِن کے منہ ہیں یہ بولتے نہیں۔ آنکھیں ہیں مگر دیکھتے نہیں ۔کان ہیں مگر سنتے نہیں ۔ہاتھ ہیں مگر پکڑ نہیں سکتے ۔ اِن کے بنانے والوں اور ان پر اعتبار کرنے والوں کا بھی یہی حال ہو۔ یہ کہہ کرآپ نے بتوں کو ٹکڑے ٹکڑے کردیا۔ اور پھر انہیں جلا دیا ۔ اِس پر آپ نمرودؔ کے سامنے پیش کئے گئے ۔ اُس نے انکو کہا کہ کیا تو نہیں جانتا کہ میں خدا اور دنیا کا حاکم ہوں۔ آپ نے جواب دیا۔ اگر تو خدا اور دنیا کا حاکم ہے توکیوں سورج کو مغرب سے نکال کر مشرق کی
طرح نہیں چڑھاتا ۔ اگر تو خدا اور دنیا کا حاکم ہے تو بتا میرے دل میں اس وقت کیا ہے اور میرا آئندہ کیا حال ہوگا؟ نمرودؔ کی زبان بند ہوگئی اور وہ حیران رہ گیا ۔ اور ابراہیم ؑ نے اپنی بات کو جاری رکھا اور کہا کہ تُو کونسؔ کا بیٹا ہے اور اُسی کی طرح ایک فانی وجود ہے تواپنے باپ کو موت سے نہیں بچا سکا۔ اور نہ تُو خود اس سے بچ سکتا ہے ۔ یہ بھی لکھا ہے کہ نمرودؔ نے کہا۔ آگ کو پوچ ۔ ابراہیم ؑ نے کہا۔ پانی کو کیوں نہیں وہ تو اُسے بجھا دیتا ہے۔ اُس نے کہا۔ بہتر اُسی کو سہی ۔ انہوں نے کہا۔ بادلوں کو کیوں نہیں جو پانی سے پُر ہوتے ہیں۔ اُس نے کہا۔ اُنہی کو سہی۔ انہوں نے کہا۔ ہوا ان کو بھی اڑا دیتی ہے اُس نے کہا اُس کوپوچ۔ انہوں نے کہا۔ انسان اس کے صدمہ سے بھی بچ جاتا ہے اور مکانوں کے پیچھے چھپ جاتا ہے ۔ اس نے کہا پھر میں انسانوں کا بادشاہ ہوں ۔ مجھے پوچ۔ انہوں نے کہا۔ اگر تو خدا ہے تو پھر سورج کو مغرب کی طرف سے نکال کردکھا۔ اس پر نمرود ؔ نے ابراہیم ؑ کے جلانے کا حکم دے دیا۔ ایک لکڑیوں کا انبار پانچ گز مربع جمع کیا گیا اور اُس کو آگ لگائی گئی اور ابراہیم ؑ کو اُ س میں ڈالا گیا ۔ اِسی کی طرف پیدائش باب۱۵ آیت ۷ میں اشارہ ہے ۔ بعض نسخوں میں اس جگہ لکھا ہے کہ ’’ تجھے کدیوں کی آگ سے نکال لایا ۔‘‘ (جیؤش انسائیکلوپیڈیا زیر لفظ ابراہام)
چیلڈنیز میں سورج کی پرستش خاص طور پر کی جاتی تھی (نیلسن انسائیکلو پیڈیا ) چیلڈ نیز کا خدا MENODACK نامی تھا جو سورج کی شعاع یادن کی روشنی سمجھا جاتاتھا ۔ اور یہ خیال کیا جاتا تھا کہ وہ بنی نوع انسان کی نفع پہنچاتا ہے ۔ اس کا نام بعل یعنی آقا بھی تھا ۔ اِس کے علاوہ اُن کو ایک بت شمسؔ تھا یعنی سورج دیوتا۔ ایک سینؔ تھا یعنی چاند دیوتا ۔ ایک نیبوؔ یعنی نبی دیوتا یا معلم تھا ۔
(نیلسنز انسائیکلوپیڈیا بیلبونیا کے ماتحت)
اللہ تعالیٰ حضرت ابراہیم علیہ السلام کے انہی واقعات کی طر ف اشارہ کرتے ہوئے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے فرماتا ہے کہ اگر موسیٰؑ اور فرعون کے واقعات سے بھی یہ لوگ کوئی فائدہ نہیں اٹھاتے تو پھر تو ان کے سامنے ابراہیم کے واقعات بیان کر کیونکہ ابراہیم ؑ وہ نبی ہے جس کی عزت مکہ والوں کے قلوب میں جاگزیں ہے ۔ اور خصوصیت کیساتھ ان کے سامنے وہ واقعہ بیان کرجبکہ اُس نے اپنے باپ سے اور اپنی قوم سے کہا کہ تم کس چیز کی عباد ت کرتے ہو؟ چونکہ ان کی قوم نے سورج اور چاند اور ستاروں کے نام پر کئی قسم کے بت بنائے ہوئے تھے اس لئے جب حضرت ابراہیم علیہ السلام نے یہ سوال کیا تو انہوں نے کہاکہ ہم تو بت پوجتے ہیں ۔ اور سارا دن اُن کے سامنے بیٹھے رہتے ہیں۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے کہا ۔ اچھا جب تم ان کو پکارتے ہوتو کیا اُن کیطرف سے کوئی جواب بھی ملتا ہے جس سے پتہ لگے کہ انہوں نے تمہاری دعائیں سُن لی ہیں یا نفع اور ضرر کی شکل میں کوئی نتیجہ بھی نکلتا ہے ؟ یعنی اگر وہ واقعہ میں اپنے اندر خدائی طاقتیں رکھتے ہیںتو جس طرح اللہ تعالیٰ لوگوں کی دعائیں سنتا ہے اسی طرح ان بتوں کوبھی تمہاری دعائیں سننی چاہئیں ۔ اور جس طرح خدا اپنے بندوں کو ہر قسم کی تکالیف سے بچاتا اور اُن کیلئے رحمت اور برکت کے سامان پیدا کرتا ہے اسی طرح ان بتوںکے اندر بھی یہ طاقت ہونی چاہئیے کہ وہ اپنے ماننے والوں کو فائدہ پہنچائیں اور جو لوگ ان کا انکار کریں انہیں تباہ کردیں۔ مگر کیا یہ بت ایسا کرسکتے ہیں؟ کیا یہ تمہاری باتوں کا جواب دیتے ہیں ؟ ان میں طاقت ہے کہ وہ تمہاری کسی تکلیف کو دور کرسکیں یا تمہیں کوئی نفع پہنچا سکیں۔ اگر ان میں کوئی بات بھی نہیں پائی جاتی تو پھر تم ایسے بتوںکی پرستش کر رہے ہو جونہ سنتے ہیں نہ بولتے ہیں اور نہ نفع اور ضرر کی اپنے اندر کوئی طاقت رکھتے ہیں۔ یہ دلیل ایسی زبردست ہے کہ ایک صحابیؓ کہتے ہیں۔ مجھے اسلام قبول کرنے کی تحریک صرف اس لئے ہوئی کہ میں ایک دفعہ سفر پر گیا تو عرب کے دستور کے مطابق میں نے پتھر کا ایک چھوٹا سا بت اپنے ساتھ رکھ لیا تاکہ وہ ضرورت کے وقت کام آئے ۔ ایک دفعہ جب کہ میں ایک جنگل میں سے گزر رہاتھا مجھے کوئی ضروری کام پیش آ گیا۔میں نے اپنا اسباب وہیں رکھا اور بت کو پاس بٹھا کر کہا کہ حضور میں تھوڑی دیر کے لئے باہر جارہا ہوں آپ مہربانی فرما کر میرے سامان کی حفاظت کریں ۔ جب میں واپس آیا تو ایک گیدڑ ٹانگ اٹھا کر اُس بت پر پیشاب کررہا تھا یہ دیکھ کر میرے دل میں ایک آگ لگ گئی اور میں نے کہا کہ جو بت گیدڑ کے پیشاب سے اپنے آپ کو نہیں بچا سکا اُس نے میرے اسباب کی کیا حفاظت کرنی ہے چنانچہ میں نے اُس بت کو وہیں پھینکا اور واپس آکر مسلمان ہوگیا ۔
اِسی طرح ایک اور صحابیؓ کہتے ہیں کہ مجھے توحید کی اس طرح سمجھ آئی کہ میں ایک دفعہ سفر پر گیا تو میںنے اپنے ساتھ آٹے ایک بت بنا کر رکھ لیا ۔ اتفاق ایسا ہوا کہ راستہ میں ہمارا آٹا ختم ہوگیا اور بھوک نے ہمیں بے قرار کردیا ۔ہم نے بہت کوشش کی کہ کسی طرح کوئی اور چیز مل جائے تو ہم گذارہ کرسکیںمگر ہمیںکوئی چیز نہ ملی جب بھوک نے ہمیں بہت تنگ کیاتو ہم نے اسی بت کو کوٹ کاٹ کر آٹا گوندھ لیااور روٹی پکاکرکھاگئے ۔جب ہم خوب سیر ہوچکے تو مجھے اپنے آپ پر ہنسی آئی کہ میں کیسا احمق ہوں کہ جس وجود کو میں کوٹ کاٹ کر ہضم بھی کرگیااس کومیںاپناخدا اور حاجت روا سمجھتارہاہوں ۔چنانچہ اس کاردّعمل یہ ہوا کہ سفر سے واپس آتے ہی میںمسلمان ہوگیا۔حضرت ابراہیم ؑ نے بتوں کے اسی عجز اور بے چارگی کی طرف توجہ دلائی اور ان سے پوچھا کہ بتائو۔کیایہ تمہیںکوئی نفع دیتے ہیں یاتمہارے دشمنوں کوضرر پہنچاسکتے ہیں؟حضرت ابراہیم ؑ کی قوم نے شرمندہ ہوکرکہاکہ نتیجہ توکچھ نہیںنکلتا۔لیکن ہم نے اپنے باپ دادوں کودیکھاہے کہ وہ ایساہی کرتے تھے۔اس لئے ہم نے بھی بتوں کی پرستش شروع کردی ۔ان کایہ جواب بالکل ایساہی تھاجیسے حضرت خلیفہ اوّل ؓ ایک لطیفہ سنایاکرتے تھے کہ ایک بادشاہ کے دربارمیںصفائی کے لئے ایک خاکروبہ اور ایک خاکروب آیاکرتاتھا۔اس خاکروب اور خاکروبہ نے سؤر پال رکھے تھے ۔اتفاقاً سؤر کاایک بچہ مرگیا۔پالے ہوئے جانور سے بھی انسان کومحبت ہوجاتی ہے چاہے وہ سؤر ہی ہویاکوئی اور جانور۔انکے لئے سؤر کابچہ ایسا ہی تھاجیسے ہمارے لئے گھوڑا یاکوئی اور جانور۔دربارکی صفائی کرتے ہوئے خاکروبہ کواس سؤر کے بچے کاخیال آگیا اور وہ دربار کی ایک دیوار کے ساتھ اپناسر رکھ کررونے لگ گئی ۔اتنے میںدربار کاایک چپڑاسی آیااور اس نے خاکروبہ کو روتے دیکھ کریہ خیال کیاکہ خدانخواستہ اندر کوئی حادثہ ہوگیاہے ۔ مجھے پتہ نہیں لگا ۔اگر کسی نے مجھے دیکھ لیاکہ میں رو نہیں رہا تو مجھ پر بے وفائی کا شبہ کرلیا جائے گا اس لئے وہ بھی رونے لگ گیا ۔ پھر ایک چوبدار آیا۔ اُس نے جو دیکھا کہ یہ دونوں رو رہے ہیں تو سمجھا کہ ضرور کوئی واقعہ ہوا ہے جس کا مجھے پتانہیں لگا ۔ اگر کوئی شخص آگیا اور اس نے دیکھ لیا کہ میں رو نہیں رہا تو وہ خیال کرے گا کہ مجھے بادشاہ سے کوئی تعلق نہیں۔ یہ خیال کرکے وہ بھی مصنوعی طور پر رونے لگ گیا پھر کلرک آئے انہوں نے بھی ان لوگوں کو دیکھ کر رونا شروع کردیا ۔پھر چھوٹے افسر آئے ۔ درباری آئے ۔ وزراء آئے ۔ انہوں نے خیال کیا کہ ہمارا تو خیال تھا کہ ہم ہر وقت خبر رکھیں لیکن ہمیں اس حادثہ کو کوئی علم نہیں ہوا۔ ضرور کوئی بات ہوئی ہے جس کی وجہ سے یہ لوگ رو رہے ہیں۔ اگر ہم نہ روئے تو ہم پر بے وفائی کا شبہ کر لیاجائے گا ۔ یہ خیال کرکے وہ بھی رونے لگ پڑے ۔ اور بڑے آدمیوں نے کرسیوں پر بیٹھے ہوئے آنکھوں پر رومال رکھ کر رونا شروع کردیا ۔اتنے میں ایک بڑا وزیر آیا وہ کچھ عقلمند تھا وہ رویا نہیں۔ اُس نے پاس والے وزیر سے دریافت کیا کہ کیا بات ہوئی ہے ۔ اُس نے کہا مجھے تو معلوم نہیں میرے پاس والے وزیر رو رہے تھے اس لئے میں بھی رونے لگ گیا ۔ اُس نے کہا۔ اُس سے پوچھو کیا بات ہے ۔جب اُس سے پوچھا گیا ۔ تو اُس نے کہا۔ مجھے تو علم نہیں۔ میرے ساتھ والا وزیر رو رہا تھا آخر بات خاکروبہ تک پہنچی۔ اس سے دریافت کیا گیا تو اُس نے بتایا کہ میر اسؤر کا بچہ مرگیا تھا۔ مجھے وہ یاد آگیا تو میں نے رونا شروع کردیا ۔ جس طرح ایک خاکروبہ کو دیکھ کر سارا دربار رونے لگ گیا تھا حالانکہ بات کچھ بھی نہیں تھی اِسی طرح انہوں نے کہا کہ ہم نے تو اپنے باپ دادا کو دیکھا تھا کہ وہ اِن بتوں کی پرستش کرتے ہیں ۔ جب ہم نے دیکھا کہ وہ اِن بتوں کے آگے ہاتھ جوڑتے اور سجدے کرتے ہیں تو ہم بھی ہاتھ جوڑنے اور سجدہ کرنے لگ گئے ۔
قَالَ اَفَرَئَ یْتُمْ مَّاکُنْتُمْ تَعْبُدُوْنَ٭
اُس نے کہا کہ کیا تم کو معلوم ہے کہ جن کی تم عبادت کرتے چلے آئے ہو ۔
اَنْتُمْ وَاٰبَآئوُکُمُ الْاَقْدَمُوْنَ٭
تم بھی اور تمہارے پُرانے باپ دادے بھی۔
فَاِنَّھُمْ عَدُوٌّ لِّیْٓ اِلَّا رَبَّ الْعٰلَمِیْنَ٭
وہ سب کے سب ربّ العالمین کے سوا میر ی تباہی چاہتے ہیں۔
الَّذِیْ خَلَقَنِیْ فَھُوَ یَھْدِیْنِ٭
جس (ربّ العالمین) نے مجھے پید اکیا ہے اور (اس کے نتیجہ میں) وہ مجھے ہدایت بھی دیگا۔
وَالَّذِیْ ھُوَ یُطْعِمُنِیْ وَیَسْقِیْنِ٭
اور جس کی صفت یہ ہے کہ وہی مجھے کھانا کھلاتا اور وہی مجھے پانی پلاتا ہے ۔
وَاِذَا مَرِضْتُ فَھُوَ یَشْفِیْنِ٭
اور جب میں بیمار ہوتا ہوں تو وہ شفا دیتا ہے۔
وَالَّذِیْ یُمِیْتُنِیْ ثُمَّ یُحْیِیْنِ٭
اور جو مجھے مارے گا اورپھر زندہ کرے گا ۔
وَالَّذِیْٓ اَطْمَعُ اَنْ یَّغْفِرَلِیْ خَطِیْٓتِیْ یَوْمَ الدِّیْنِ٭
اور وہ ایسا ہے کہ میں اُمید کرتا ہوں کہ وہ میرے گناہ جزا سزا کے وقت مجھے معاف کردے گا ۔۱۷؎
۱۷؎ حل لغات:۔اَلدِّیْنُ کے معنے ہیں اَلْجَزَائُ وَالْمُکَافَأَ ۃُ ۔بدلہ ۔ اَلْحِسَابُ۔محاسبہ ۔اَلْقَضَائُ۔ فیصلہ (اقرب)
تفسیر:۔حضرت ابراہیم علیہ السلام نے انہیں جو اب دیا کہ تم مجھے اِن معبودوں کی حالت تو بتائوجن کی تم پرستش کرتے چلے آئے ہو۔ یعنی تم بھی اور تمہارے پہلے باپ دادا بھی ۔ تمہارے یہ سب معبود میرے دشمن ہیں سوائے ربّ العالمین خدا کے جس نے مجھے پیدا کیا ہے ۔ اگر یہ بُت اپنے اندر کوئی طاقت رکھتے ۔تو کیا یہ سب مل کرمجھ اکیلے پر غالب نہ آجاتے اور مجھے تباہ برباد نہ کردیتے ؟ اس جگہ عَدُوٌّ مفرد استعمال ہوا ہے جو ھُمْ کی خبر کے طور پر آیا ہے ۔ حالانکہ چاہیئے تھا کہ اَعَدَاوٌّ کا لفظ استعمال کیا جاتا جو جمع ہے ۔سو اس کے متعلق یاد رکھنا چاہیئے کہ یہ عرئی زبان کا محاورہ ہے کہ کبھی مبتداء کوجمع اور خبر کو مفرد لے آتے ہیں۔ چنانچہ اس سورۃ کے شروع میں ہی آتا ہے کہ فَقُوْلَآ اِنَّا رَسُوْلٌ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ ۔یعنی اے موسیٰؑ اور ہارونؑ !فرعون سے کہنا کہ ہم دونوں اپنے ربّ کے رسول ہیں حالانکہ موسیٰؑ اور ہارون ؑدو نبی تھے ۔ اور بظاہر اِنَّا رَسُوْلُ رَبِّکَ کی بجائے اِنَّا رَسُوْلَا رَبِّکَ کہنا چاہیئے تھا ۔ مگر وہاں رَسُوْلَا رَبِّکَ کی بجائے اِنَّا رَسُوْلُ رَبِّکَ اِسی لئے کہا گیا ہے کہ عربی زبان میں یہ طریقِ کلام رائج ہے ۔ چنانچہ عربی میں کہتے ہیں۔ ھٰذَانِ رَسُوْلِیْ وَوَکِیْلِیْ وَھٰؤُلَآئِ رَسُوْلِیْ وَوَکِیْلِیْ (فتح البیان جلد ۷صفحہ ۶)یعنی یہ دونوں میرے رسول اور وکیل ہیںاور یہ سب میرے رسول اور وکیل ہیں حالانکہ ھٰذَانِ کے بعد رَسُوْلَا لِیُ آنا چاہیئے تھا یعنی یہ دونوں میرے رسول ہیں اور ھٰؤُلَآئِ کے بعد رُسُلِیْ آنا چاہیئے تھا ۔ کہ یہ سب میرے رسول ہیں۔ مگر تثنیہ کی خبر میں بھی واحد کا صیغہ استعمال کیا گیا ۔ پس یہ ایک مروّجہ عربی کا طریق ہے جس پر کوئی اعتراض نہیں کیا جاسکتا ۔
فَاِنَّھُمْ عَدُوٌّ لِّیْٓ اِلَّا رَبَّ الْعٰلَمِیْنَ کے متعلق بعض لوگ سوال کیا کرتے ہیں کہ یہاں پتھر کے بے جان بُتوں کو دشمن کہاگیا ہے ۔ مفسرین نے اس سوال کایہ جواب دیا ہے کہ یہاں قلب نسبت سے کام لیا گیا ہے ۔ یعنی جس طرح ہماری زبان میں یہ کہا جاتا ہے کہ پرنالہ چلتا ہے بلکہ پانی چلتا ہے اسی طرح یہاں کہا تویہ گیا ہے کہ وہ میرے دشمن ہیں لیکن مراد یہ ہے کہ میں اِن کا دشمن ہوں ۔ چنانچہ فرّاءؔ نے یہی معنے کئے ہیں اور ان الفاظ کو مقلوب قرار دیا ہے ۔لیکن میرے نزدیک اس جگہ مخالفوں کے عقیدہ پر تعریض کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ تم تو سمجھتے ہو کہ وہ معبود ہیں مگر میں ان کی عبادت نہیں کرتا اِس لئے لازماً وہ میرے دشمن ہوں گے سوائے ربّ العالمین خدا کے جس کی میں عبادت کرتا ہوں ۔ پس اب ہم دیکھ لیں گے کہ ربّ العالمین خدا میری مدد کرکے مجھے بچاتا ہے یا تمہارے معبود میری دشمنی کرکے مجھے ہلاک کرتے ہیں۔ اگر ان بتوں میں بھی کوئی طاقت ہے تو چاہیئے کہ یہ مجھے ہلاک کردیں ۔لیکن وہ ایسا کبھی نہیںکرسکتے ۔ جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ بالکل بے بس ہیں اور ان میں کوئی طاقت نہیں ۔ چنانچہ نتیجہ نے بتادیا کہ ربّ العالمین خد انے ابراہیم ؑ کو بچا لیا اور اُس کی قوم کے معبود اُس کا کچھ بھی بگاڑ نہ سکے ۔ اِسی طرح اس پیشگوئی کا یہ نتیجہ نکلا کہ یہودی جو حضرت ابراہیم علیہ السلام کو ماننے والے تھے وہ کامیاب ہوگئے اور اُن کے دشمن تباہ ہوگئے ۔
پھر ربّ العاؔلمین کے الفاظ استعمال فرما کر حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اس طرف بھی اشارہ فرمایا ہے کہ میں جس خدا پر ایمان رکھتا ہوں وہ ایک زندہ اور طاقتور خدا ہے مگر تمہارے معبودوں میں تو جان ہی نہیں انہوںنے کسی کی مدد کیا کرنی ہے؟ بے شک ربّ العالمین کے معنوں میں یہ بھی داخل ہے کہ ہمارا خدا انسانوںکا بھی خدا ہے اور جانوروں کا بھی خدا ہے او رکیڑوں مکوڑوں کابھی خدا ہے اسی طرح وہ عربوں کا بھی خدا ہے اور ایرانیوں کا بھی خدا ہے اور ہندوستانیوں کا بھی خدا ہے ۔ لیکن ربّ العالمین میں جن جہانوں کا ذکر کیا گیا ہے وہ زمانہ کے لحاظ سے بھی ہوسکتے ہیں۔ پس اس کے ایک معنے یہ بھی ہوسکتے ہیں کہ میںجس خدا کو پیش کرتا ہوں وہ ایک زندہ خدا ہے ۔ وہ آدم ؑ کے زمانہ کے لوگوں کا بھی خداتھا ۔ وہ نوح ؑ کے زمانہ کے لوگوں کابھی خدا تھا اوروہ میرے زمانہ کے لوگوں کا بھی خداہے اور بعد میں آنے والوں کا بھی خدا ہوگا ۔ اور جو خدا آدم علیہ السلام کے زمانہ کے لوگوں کا بھی خدا تھا اور نوح علیہ السلام کے زمانہ کے لوگوں کابھی خدا تھا اورہمارے زمانہ کے لوگوں کا بھی خدا ہے اور بعد میں آنے والے لوگوں کا بھی خدا ہوگا۔صاف ثابت ہوتا ہے کہ وہ ایک زندہ خدا ہے اگر وہ زندہ خدا نہ ہوتا تو ہرزمانہ کے لوگوں کا کس طرح خدا ہوسکتا ۔ پس رب العالمین کہہ کر حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اس طرف بھی توجہ دلائی کہ میرا خدا ایک زندہ خدا ہے جس سے ہر زمانہ کے لوگ ویسا ہی فائدہ اٹھا سکتے ہیںجیسے پہلے لوگ فائدہ اٹھاتے رہے ہیں مگر تمہارے بت نہ پہلے لوگوں کو فائدہ پہنچا سکے اور نہ تمہیں کوئی فائدہ پہنچا رہے ہیں۔ تم اپنے سارے معبودوں کو میری تباہی کیلئے اکٹھا کرلو اور ان کے آگے رو رو کر دعائیں کرو ۔ پھر دیکھو کہ میرا رب العالمین خدا جیتتا ہے یا تمہارے بت فتح حاصل کرتے ہیں ۔گویا حضرت ابراہیم علیہ السلام نے بتایا کہ جس طرح ایک چھوٹا بچہ جب اکیلا گلی میں سے گزر رہا ہوتا ہے اور گلی کے اوباش اور شریر لڑکے اُس کو دق کرنے کیلئے اُس پر حملہ کرتے ہیں تواُن کی آواز سن کر اُس لڑکے کی ماں بیتاب ہوکر اپنے گھر سے باہر نکل آتی ہے اسی طرح میرا رب العالمین خدا میرے ساتھ ہے۔ تم میری کتنی بھی مخالفت کرو اور مجھے کچلنے کیلئے خواہ انتہائی طاقت صرف کردو یہ کبھی نہیںہوسکتا کہ میرا خدا مجھے چھوڑ دے اور تمہارے بت خدائے واحد پر غالب آجائیں ۔ دنیا کے بڑے سے بڑے بادشاہ ۔ دنیا کے بڑے سے بڑے مدبّر۔ دنیا کے بڑے سے بڑے لیڈر انسانی امداد پر بھروسہ کرتے ہیں ۔ اُن کی تکلیفوںکے وقت کچھ انسان آگے آتے ہیں جو بعض دفعہ کامیاب ہوتے ہیںاور بعض دفعہ ناکام ۔ مگر جب کسی مومن کو تکلیف دی جاتی ہے تو خدائے واحد خود آسمان سے اتر آتا ہے اور وہ لڑنے والوں کے سامنے سینہ سپر ہوجاتاہے ۔ اور یہ ایک بہترین انعام ہے جو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کی جماعت کو حاصل ہوا۔ یہی انعام ہے جو حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور آپ کی جماعت کو حاصل ہوا ۔ یہی انعام ہے جو حضرت موسیٰ علیہ السلام اور آپ کی جماعت کو حاصل ہوا ۔ اور یہی انعام ہے جو حضرت ابراہیم علیہ السلام اور آپ کی جماعت کو حاصل ہوا کہ ایک زندہ خدا اور طاقتور خدا ان کے ساتھ تھا ۔ اور جب بھی دشمن حملہ آور ہوتا تھا خدا آسمان سے اتر کر اُن کیساتھ کھڑا ہوجاتا اور وہ ان کے لئے بڑے بڑے نشانات ظاہر کرتا تھا اور اس کایہ پیار اتنی قیمتی چیز تھا کہ اگر جائز ہوتا تو انسان تمنا کرتا کہ لوگ میری اور بھی دشمنی کریں تاکہ میرے خدا کی محبت میرے لئے اور زیادہ جوش مارے مگراسلام نے ایسی خواہش سے منع کردیا ہے چنانچہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ لَا تَتَمَنُّوْالِقَآئَ الْعَدُوِّ (بخاری کتاب التمنی)اے مومنو! تم کبھی دشمن کے حملہ کی تمنا نہ کرو۔آخر ہمیں سوچنا چاہیئے کہ اس فقرہ کے معنے کیا ہیں؟ کون ہے جو دشمن کے حملہ کی تمنا کیا کرتا
ہے ۔ظاہر ہے کہ جہاں تک لڑائی کا تعلق ہے ۔ جہاں تک مرنے کا تعلق ہے جہاں تک تکالیف کا تعلق ہے کوئی شخص بھی دشمن کے حملہ کی تمنا نہیں کر سکتا ۔ مگر مسلمان ایسی حالت میں تھے کہ ان کے دل اسی نکتہ کے ماتحت جس کا میں نے ابھی ذکر کیا ہے بعض دفعہ خواہش کرسکتے تھے کہ کاش ہمار ا دشمن ہم پر حملہ کرے تاکہ ہمارا خدا ہماری مدد کیلئے ہمارے پاس آجائے ۔ پس صر ف یہی وجہ تھی جس کو مدنظر رکھتے ہوئے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اے مسلمانو! جب دشمن تم پر حملہ کرتا ہے تو خدا تمہارے ساتھ کھڑا ہوجاتا ہے اوریہ بات تمہیں اتنی لذیز معلوم ہوتی ہے اور تمہیں اس پر اتنا مزا آتا ہے کہ جب دشمن حملہ چھوڑ دیتا ہے تو تم کہتے ہو۔ کاش ہمار ا دشمن ہم پر پھر حملہ کرے ۔ تاہمارا خدا پھر ہمارے پاس آجائے ۔ مگر یہ خواہش جہاں تک عشق کا سوال ہے وہاں تک تو درست ہے لیکن الٰہی حکمتوں اور منشاء کے خلاف ہے اس لئے خدا تعالیٰ کے ادب کے لحاظ سے ایسی خواہشات مت کیاکروہاں جب دشمن تم پر خود بخود حملہ کردے گا اور تمہارا خدا تعالیٰ سے سچا تعلق ہوگا تو یہ ممکن ہی نہیں کہ خدا تعالیٰ تمہیں چھوڑ دے کیونکہ خدا تعالیٰ کی یہ دائمی سنت ہے کہ وہ اپنے رسولوں کی بھی مدد کرتاہے اور ان لوگوں کی تائید کیلئے بھی اپنے نشانات دکھاتا ہے جو اُن رسولوں پر ایمان لاتے ہیں۔ پس فَاِ نَّھُمْ عَدُوٌّلِّیْ اِلَّا رَبَّ الْعَالَمِیْنَ میں حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اللہ تعالیٰ کی اسی سنتِ قدیم کی طرف اشارہ کیا ہے اور فرمایا ہے کہ تمہارے یہ سب بت جن کے سامنے تم اپنی ناکیں رگڑتے ہو میرے دشمن ہیں اگر ان میں کوئی طاقت ہے تومیرے رب العالمین خدا کے مقابلہ میں جو ایک زندہ اور طاقتور خدا ہے مجھے نقصا ن پہنچا کردکھائیں۔ یقینا تمہارے بت ناکام رہیں گے اور میرا رب العالمین خدا ہمیشہ میرے ساتھ رہے گا ۔اسی طرح رب العالمین کے الفاظ میں یہ پیشگوئی بھی مخفی تھی کہ یہ دین آخر ایک عالمگیر صور ت اختیار کرے گا۔ اور اللہ تعالیٰ کی طرف ایسا نبی مبعوث ہوگا جو ساری دنیا کی طرف ہوگااورجس کی فیض رسانی کے دائرہ سے کوئی متنفس بھی باہر نہیں رہے گا ۔
پھر فرماتے ہیں ۔ الَّذِیْ خَلَقَنِیْ فَھُوَ یَھْدِیْنِ رب العالمین خداوہ ہے جس نے مجھے پید کیا ہے اور اُس کے نتیجہ میں لازماً وہ تمام خطرات اور حوادث سے بچاتے ہوئے مجھے منزل مقصود پر پہنچائے گا ۔ اور مجھے اپنے مقصد میں کامیاب کرے گا۔ یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ وہ مجھے پیدا کرے اور ایک مقصدِ عظیم کیلئے کھڑا کرے اور پھر اپنی محبت کا ہاتھ پیچھے ہٹا لے اورمجھے حوادث کا شکار ہونے دے ۔ اس کی صفت خلق اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ کامیابی بھی اسی کی طرف سے آئے کیونکہ جوہستی اپنے معرضِ وجود میں آنے کیلئے دوسرے کی محتاج ہے وہ ترقی کے وسائل اور ذرائع بھی خود بخود مہیا نہیں کرسکتی بلکہ اس کے لئے بھی وہ اپنے خالق کی ہی محتاج ہوگی ۔ اس کی ایسی ہی مثال ہے ۔ جیسے میں اگر کوئی مکان بنائوں تو جب تک میں اس میں دروازے نہ لگائوں ۔جب تک میں اس میں کھڑکیاں نہ رکھوں ۔ جب تک میں اس میں طاقچے اورر روشندان نہ بنائوں اُس وقت تک اس مکان میں نہ دروازہ لگ سکتا ہے نہ کھڑکی لگ سکتی ہے نہ طاقچہ اور روشندان بن سکتا ہے ۔کیونکہ وہ میرا مکان ہے اور میں نے ہی اُسے بنایا ہے ۔ اسی طرح جب انسان کو رب العالمین خدا نے پیدا کیا ہے تو رب العالمین خدا ہی جب تک اس کی مادی اور روحانی ترقی کے سامان مہیا نہ کرے اُس وقت تک وہ جسمانی اور روحانی طور پر کیسے ترقی کرسکتا ہے ۔ ان الفاظ میں حضرت ابراہیم علیہ السلام نے جہاں اپنی قوم کو اپنے غلبہ اور ترقی کی خبر دی ہے اور اپنے اس یقین محکم کا اظہار کیا ہے کہ میرا خدا مجھے کبھی نہیں چھوڑے گا ۔ بیشک میرا چچا مجھے چھوڑ دے میرے بھائی
مجھے چھوڑ دیں میرے دوست مجھ سے الگ ہوجائیں میری قوم مجھ سے کنار ہ کرلے پھر بھی رب العالمین خدا جس کے کنارہِ عاطفت میں میںنے اپنی زندگی بسر کی ہے اور جس کی گود میں میں نے پرورش پائی ہے مجھے کبھی نہیں چھوڑے گا ۔ اور ہمیشہ مجھے عزت اور کامیابی اور غلبہ بخشے گا ۔ہاں آپ نے اپنی قوم کو اس بات کی طرف توجہ دلائی ہے کہ تمہیں اپنی پیدائش کے مقصد پر غور کرنا چاہیئے اور اپنی زندگی کو رائیگاں نہیںکھونا چاہیئے ۔ آخر اتنی بات تو ہر شخص جانتا ہے کہ اُسے کسی اور ہستی نے پیدا کیا ہے مگر بہت کم لوگ ہیں جو اس بات پر غور کرتے ہیں کہ انہیں کیوں پیدا کیا گیا ہے ۔ وہ دنیا کی رعنائیوں اور دلچسپیوں میں کچھ ایسے کھوئے جاتے ہیں کہ اُن کے دلوں میںاور اورسوالات پیدا ہوتے رہتے ہیںمگر اُن کے دلوں میں اگر سوال پیدا نہیں ہوتا تو صرف یہی کہ وہ کیوں پید اکئے گئے ہیں۔ہم نے دیکھا ہے بہت سے لوگ سوال کرتے ہیں کہ ایسے جنگلوں میں جہاں کوئی آبادی نہیں ہوتی اور ایسے پہاڑوں میں جہاں انسان کا پہنچنا بہت مشکل ہوتا ہے اور شاذو ونادر ہی کوئی انسان وہاں پہنچ سکتا ہے نہایت دلکش اور خوبصورت پھول کیوں پیدا کئے گئے ہیں۔ پھر ہزاروں قسم کے کیڑے برسات کے موسم میں نکلتے ہیں اُن کے پیدا کرنے کی کیا ضرورت تھی۔ اِسی طرح سمندروںمیں جھینگر اور دوسرے بعض بدشکل سمندری جانور پیدا کرنے سے کیا فائدہ ہے ۔ پھر قسم قسم کی جڑی بوٹیوں کو اتنی کثرت سے کیوں اگایا گیا ہے ۔ اور زمین پر رینگنے والے کیڑے سانپ اور کنکھجورا وغیرہ کیوں پیدا کئے گئے ہیں۔ غرض سمندر اور زمین پر اور ہوا میں ہزار ہا ایسی چیزیں ہیں جن کے متعلق انسان سوال کرتا ہے کہ وہ کیوں پیداکی گئی ہیں۔ دشوار گزار پہاڑوں میں جہاں انسا ن بڑی مشکل سے پہنچتا ہے بعض اوقات نہایت خوبصورت پھولوں کا نظارہ انسان دیکھتا ہے تو اس کے دل میں سوال پیدا ہوتا ہے کہ ایسے مقام پر اس قسم کے ہزاروں سوالات لوگوں کے دلوں میں پیدا ہوتے ہیںاور ہرشخص اپنی اپنی عقل کے مطابق ان سوالات کے جواب دینے کی کوشش کرتا ہے ۔ مثلاً کہتا ہے کہ زہریلے کیڑوں یعنی سانپ وغیرہ کے زہروںسے اب بہت سی دوائیں تیا رہورہی ہیں جو نہایت سریع الاثر ثابت ہوئی ہیں۔ یا یہ کہ دشوار گزار مقامات پریہ خوش کن نظارے اس لئے بنائے گئے ہیں کہ جو لوگ تکلیف ۔مشقت اور محنت برداشت کرسکیںوہی ان نظاروں کو دیکھیں۔ان سوالات اور جوابات سے پتہ لگتا ہے کہ انسان ا س بات کو تسلیم کرتا ہے کہ دُنیا میں ہر چیز کے پیداہونے کی کوئی وجہ اور غرض ہونی چاہیئے مگر انسان کوکبھی یہ بھی خیال آیا کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے کیوں پید اکیا ہے۔اور میرے پیدا کرنے کی غرض وغایت کیا ہے۔ وہ اور چیزوں کے پیدا کرنے کی غرض وغایت معلوم کرنے کا بہت شوق رکھتا ہے لیکن اس کے دل میں کبھی یہ خیال نہیں آتا کہ میں کیوں پید اکیا گیا اور میں اس غرض کو پورا بھی کررہا ہوں یا نہیں۔ اور اگر میں پیدا نہ کیا جاتااور اگر میرا وجود نہ ہوتا تو دنیا کو کیا نقصا ن ہوتا۔ دنیا میں اکثر لوگ ایسے ہیں جن کی زندگی ہوئی نہ ہوئی برا بر ہوتی ہے کیونکہ انہیں نہ اپنی زندگی کی غرض و غایت کا علم ہوتا ہے اور نہ وہ اسے حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ اگر تمام لوگ اس سوال پر غور کریں تو اُن میں سستی اور غفلت اور کام کو ادھورا چھوڑنے کی عادت نہ رہے اور وہ ہر قسم کی قربانیوں سے کام لے کر اپنی روحانی ترقی کیلئے کوشش کریں۔ آخر غور کرو ۔ دنیا میں کتنے لوگ ہٹلرؔ۔ نپولینؔاور تیمورؔ بن سکتے ہیں نہ ساری دنیا ہٹلر ؔبن سکتی ہے اور نہ ساری دنیا نپولین ؔبن سکتی ہے اور نہ ساری دنیا تیمورؔ بن سکتی ہے۔ کیونکہ دنیوی ترقی کا میدا ن بہت تنگ ہے ۔ لیکن ایک مید ان ایسابھی ہے جہاں ہر انسان اپنے آپ کو نمایاں کرسکتاہے اور جتنا جی چاہے ترقی کر سکتا ہے اور کسی کو نقصان پہنچائے بغیر اورکسی کا راستہ روکے بغیر ترقی کرسکتا ہے اور وہ خدا رسیدہ بنے کا میدان ہے ۔ اس میںکسی کے بڑھنے سے کسی دوسرے کا نقصان نہیں اور پھر ہر پیشہ اور ہر درجہ کا انسان خدا رسیدہ بن سکتا ہے ۔ ایک بادشاہ اور اس کا بیٹا بھی خدا رسیدہ انسان بن سکتا ہے اور ایک فقیر بے نوا بھی خدا رسیدہ انسان بن سکتا ہے اور ایک نائی اور دھوبی بھی خدا رسیدہ انسان بن سکتا ہے ۔لوگ کہتے ہیں کہ ایک اقلیم میں دو بادشاہ نہیں ہوسکتے ۔ مگر اولیاء اللہ کا مقام وہ ہے کہ اقلیم تو کیا بلکہ ایک گھر میںبلکہ ایک گھر تو کیا ایک کمرہ میں بھی دس اولیاء اللہ رہ سکتے ہیں۔ اور اس میں کسی کا نقصان نہیں بلکہ خدا تعالیٰ سے تعلق پیدا کرنے کے راستے اتنے وسیع ہیں ان میں کبھی تنگی پیدا نہیں ہوسکتی ۔ جس طرح سمندر میں سے چڑیا چونچ بھر کر پانی لے جائے تو اس ے سمند ر کے پانی میںکوئی کمی نہیں آتی اس طرح اللہ تعالیٰ سے تعلق کا حال ہے یہ اتنا وسیع خزانہ ہے کہ جس میں کمی کا کوئی امکان نہیں۔ دیکھو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو خدا تعالیٰ کی اتنی محبت حاصل ہوئی کہ جس کی مثال باقی انبیا ء میں نہیں ملتی مگر اس کے باوجود خدا تعالیٰ کے پاس ابو بکر ؓاور عمرؓ اور عثمانؓا ور علیؓ اور طلحہؓ اور زبیرؓ کو دینے کے لئے بھی محبت موجود تھی اور تمام صحابہؓ نے بھی اپنے اپنے ظرف کے مطابق اللہ تعالیٰ کی محبت حاصل کی۔پس ہمیشہ اس بات پر غور کرتے رہنا چاہئیے کہ ہماری پیدائش کی غرض کیا ہے ۔ پیدائش کی اصلی غرض جیسا کہ قرآن کریم سے معلوم ہوتا ہے یہ ہے کہ انسان اللہ تعالیٰ کا پیار ا بن جائے ۔جب وہ یہ مقام حاصل کرلیتا ہے تو دنیا بے شک مٹ جائے خدا تعالیٰ کے رجسٹر سے اس کا نام کبھی نہیں مٹ سکتا ۔ وہ گڈری میں پڑا ہوا بھی خدا تعالیٰ کا مقرب بن سکتا ہے اور اتنا بڑا بن سکتا ہے کہ دنیاکی بڑائیا ں اس کے مقابلہ میں بالکل ہیچ ہوجائیں۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام اپنی قوم کو اسی بنیادی نکتہ کی طرف توجہ دلائی ہے اور انہیں نصیحت کی ہے کہ تم اپنی پیدائش کے مقصد پر غورکرو اوراللہ تعالیٰ نے تمہاری ہدایت کا جو سامان کیا ہے اس سے فائدہ اٹھائو ورنہ تمہاری زندگی بیکار چلی جائے گی اور تم اپنے ہاتھوںاپنی قبر کھود نے والے قرار پائو گے ۔
پھر فرماتے ہیں وَالَّذِیْ ھو یُطْعِمُنِیْ وَیَسْقِیْنِرب العالمین خدا ہی ہے جو مجھے کھانا کھلاتا اور پانی پلاتا ہے ورنہ نہ گندم میری پیدا کی ہوئی ہے ۔ نہ پانی میرا بنایا ہوا ہے ۔نہ نمک میرا بنایا ہوا ہے ۔نہ مرچ میری پیدا کی ہوئی ہے ۔ نہ گوشت میرا پیدا کیا ہوا ہے۔ نہ ترکاریاں میں نے پیدا کی ہیں۔ یہ سب چیزیں میرے باپ دادا کی پیدائش سے بھی پہلے کی ہیں۔ بڑے سے بڑے خاندان کا ذکر بھی سو پشتوں سے آگے نہیں جاتا ۔لیکن گندم ۔ پانی ۔ترکاری ۔گوشت ۔نمک ۔مرچ اور مونگ وغیرہ ہزاروں پشتوں سے بھی پہلے کی ہیں۔پھر یہ انسان کی کس طرح ہوگئیں ہم اگر کھاتے ہیں تو اس کے لئے خدا نے ہمیں ان چیزوں کے کھانے کی اجازت دی ہے ۔ ورنہ ہم میں یہ طاقت نہیں تھی کہ یہ چیزیں خود مہیا کرسکتے ۔ اسی طرح جب ہم پانی پیتے ہیں اور اس بات پر غور کرتے ہیںکہ یہ پانی ہمیں کس طرح ملا تو ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ یہ پانی خدا تعالیٰ نے ہی زمین کی تہوں میں رکھا ہوا ہے ۔اللہ تعالیٰ قرآن کریم میں بار بار فرماتا ہے کہ اگر ہم اس پانی کو کھینچ لیں تو تم پانی کہاں سے لائو ۔اور یہ بالکل سچی بات ہے ہم میں کوئی طاقت نہیں کہ ہم پانی مہیا کر سکیں۔ یہ سب خدا تعالیٰ کا فضل ہے کہ اس نے یہ تمام ضروری اشیا ء ہمیں مہیا کردی ہیں ۔اگر تھوڑی دیر ہی ہمیں پانی نہ ملے تو ہمیں سخت دقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔چنانچہ جن علاقوں میں پانی کی کمی ہے وہاں لوگ ایسی ایسی چیزیں پیتے ہیں جن کو ہمارے علاقے میں پانی نہیں کہہ سکتے ۔ مثلاً سندھ اور بلوچستا ن کے بعض علاقے ایسے ہیں۔ جہاں لوگ کیچڑ پیتے ہیں ۔لیکن ہمارے ملک والے ایسا
نہیں کرسکتے ۔ یہ الگ بات ہے کہ انہیں کوئی مشکل پیش آجائے ۔تووہ بھی اس قسم کا پانی پی لیں۔ ورنہ عام حالات میں ہمارے ہاں اسے پانی نہیں سمجھاجاتا ۔ غرض کھانے اور پینے کی کوئی چیز ایسی نہیں جو اللہ تعالیٰ نے ہمارے لئے مہیا نہ کی ہو۔ لیکن چونکہ خدا تعالیٰ کا وجود مخفی ہے اور وہ پس پردہِ احسان کرتا ہے اس لئے باوجود اس کے کہ اُس کے احسانات بہت زیادہ ہیں لوگ انہیں محسوس نہیں کرتے۔ ماں اپنی چھاتیوں سے دودھ پلاتی ہے ۔اور بچہ اپنی عقل کے مطابق سمجھتا ہے کہ ماں اس پر احسان کرتی ہے اور اپنا خون اُسے چوساتی ہے حالانکہ یہ قربانی کا جذبہ ماں نے خود پیدا نہیں کیا ۔ یہ جذبہ اس کی پیدائش سے بھی پہلے اُس کے اندر رکھا گیا تھا ۔ چنانچہ دیکھ لو چھوٹی چھوٹی لڑکیاں گُڑیاں بناتی ہیں اوران سے کھیلتی ہیں۔ یہ وہی بچہ پالنے کا جذبہ ہوتا ہے جوان کے اندر پایا جاتا ہے۔ ان کے اندر یہ حِس خدا تعالیٰ نے ہی پیدا کی ہے خواہ وہ عقل کے ماتحت ایسا کرتی ہیں یا بے عقلی کے ماتحت ایسا کرتی ہیں۔ بہرحال عورت کے اندر خدا تعالیٰ نے اولاد سے محبت کرنے کا مادہ رکھا ہے۔ اوریہ وہ چیز ہے جو ماں نے خود اپنے اندر پیدا نہیں کی بلکہ اس کی پیدائش سے بھی پہلے اُس کے اندر رکھ دی گئی ہے ۔ اور جب یہ مادہ ماں کی پیدائش سے پہلے کا اس کے اندر پایا جاتا ہے تو پھر یہ اس کا پیدا کیا ہوا نہ ہوا۔ اب یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ جب یہ مادہ ماں کا پیدا کیا ہوا نہیں توآخر یہ مادہ ماں کے اندر کس نے پیدا کا ہے۔ بہرحال وہ کوئی اور ہستی ہے۔ اور ہمیں یہ تسلیم کرنا پڑے گا کہ وہ ہستی جس نے سب مخلوقات کو پیدا کیا ہے اسی نے یہ مادہ ماں کے اندر رکھا ہے۔ مگرہم دیکھتے ہیں کہ بچہ ماں سے محبت کرتا ہے خدا تعالیٰ سے محبت نہیں کرتا اس لئے کہ خدا تعالیٰ اسے نظر نہیں آتا۔ جب اس کی ماں اپنی ماں کے پیٹ میں تھی اور خداتعالیٰ کے فرشتے اس کے دل میں اولاد کی خواہش اور محبت پیدا کررہے تھے تو اس نے اس نظارہ کو دیکھا نہیںتھا ۔ اس نے صر ف اتنا ہی دیکھا کہ ماں اسے اپنی چھاتیوں سے دودھ پلا رہی ہے خواہ وہ فاقہ ہی کررہی ہو اور بھوک کی وجہ سے نڈھال ہورہی ہو۔وہ سوکھ کر کانٹا ہوگئی ہو۔ اُس کا گوشت کھل گیا ہواور ہڈیاں نکل آئی ہوں۔ لیکن ادھر بچہ رؤیا اُدھرماں نے اپنے سوکھے ہوئے پستان اس کے منہ میں دے دیئے ۔خواہ پستانوں میں دودھ کا کوئی قطرہ ہو یا نہ ہو۔ ما ں کے اندر یہ جذبہ کس ہستی نے پید ا کیاہے وہ بچہ کو نظر نہیں آتی ۔ اس لئے وہ اس سے محبت نہیں کرتا۔ماں اپنی چھاتیوں سے دودھ پلاتی ہوئی اسے نظر آتی ہے اس لئے وہ اس سے محبت کرنے لگ جاتا ہے ۔انسان کھانا کھاتا ہے جس شخص نے اسے گندم دی اور اس نے اس سے روٹی بنائی وہ اس کا شکریہ اد اکرتاہے یا جس کی نوکری کر کے اس نے پیسے کمائے اور ان سے اس نے گندم خریدی وہ اس کا شکریہ ادا کرتا ہے۔ جس ماں اور بیوی نے اسے روٹی پکا کر کھلائی وہ ان کا شکریہ اد اکرتاہے ۔ لیکن جس نے گندم بنائی ۔ جس نے نمک بنایا جس نے پانی بنایا وہ اس کا شکریہ ادا نہیں کرتا اس لئے کہ گندم مہیا کرنے والا یا ملازمت دینے والا اسے نظر آتا تھا ۔ ماں اسے نظر آتی تھی کہ وہ گرمی کے دنوں میں آگ کے آگے بیٹھی روٹی پکا رہی ہے یا سردی میں جب وہ لحاف سے باہر نہیں نکلتا وہ صحن میں بیٹھی اس کے لئے ناشتہ تیا رکر رہی ہے چونکہ وہ اسے نظر آتی ہے اس لئے اس کے اندر احساسِ شکریہ پیدا ہوجاتا ہے ۔لیکن چونکہ اسے اس احسان کا اصلی بانی نظر نہیںآتا اس لئے اسے یہ خیال نہیں آتا کہ دراصل یہ احسان کسی اور ذات نے کیا ہے ۔
ہمارے ملک میں لطیفہ مشہور ہے ۔ واللہ اعلم وہ سچاہے یا عام حالات میں وہ خود بنا لیا گیا ہے ۔جب ہمارے ملک پر انگریز حاکم تھے ۔ لوگوں میں انہیں خوش کرنے کیلئے ڈالیاں پیش کرنے کا رواج تھا ۔ بعد میں اگرچہ یہ قانون بنا دیا گیا تھا کہ افسروں کو ڈالیاں پیش نہ کی جائیں حکام اور روسائے شہر کو جب موقعہ ملتا اوروہ انگریز افسروں کو ملنے کے لئے جاتے تو ان میں سے بعض ہوشیار لوگ ڈالیاں بھی لے جاتے تھے ۔کہتے ہیں کہ ایک انگریز افسر کو ایک ای۔اے۔سی اور ایک تحصیلدار ملنے کے لئے گئے ای۔اے۔سی ڈالی بھی ساتھ لے گیا ۔ یہ تو سارے جانتے ہیں کہ ای ۔اے۔سی بڑا ہوتا ہے اور تحصیلدار چھوٹا ہوتاہے ۔ کئی علاقوں کا چارج ہی ای۔اے۔سی کے پاس ہوتا ہے ۔اور تحصیلدار اس کے ماتحت ہوتاہے ۔پس جب وہ دونوں ملاقات کے لئے گئے تو اتفاقاً انگریز افسر کے پاس ملاقات کا وقت تھوڑا تھا اس لئے بجائے اس کے کہ وہ دونوں کو الگ الگ بلاتا ۔ اس نے کہلا بھیجا کہ دونوں آجائو۔ جب ای۔اے ۔سی ڈالی کو اٹھانے لگا تو تحصیلدار نے آگے بڑھ کر ڈالی اٹھا لی۔ اور کہا حضور ہمارے ہوتے ہوئے آپ یہ تکلیف کیوں کریں۔ چنانچہ تحصیلدار نے ڈالی اٹھائی اور بڑے آرام سے اندر جاکر انگریز افسر کے سامنے رکھ دی اور یہ نہ کہا کہ یہ ڈالی ای۔اے ۔سی نے پیش کی ہے ۔ وہ انگریز افسر اسی اثر کے ماتحت کہ ڈالی تحصیلدار نے پیش کی ہے ای ۔اے۔سی کیطرف پیٹھ کر کے اور تحصیلدار کی طرف منہ کرکے بیٹھ گیا اور اس سے حالات پوچھنے لگا ۔ای ۔اے ۔سی دل ہی دل میں کُڑھ رہا تھا ۔لیکن وہ کیا کرسکتا تھا ۔ برابر دو گھنٹے تک انگریز افسر تحصیلدار سے باتیں کرتا رہا ۔اور اس نے ای ۔اے۔سی کو پوچھا تک نہیں۔ ملاقات سے فارغ ہوکر جب باہر آئے تو ای۔اے ۔سی نے غصہ نکالنا شروع کیا کہ تم نے کیوں یہ حرکت کی۔ تحصیلدار نے کہا ۔حضور یہ کس طرح ہوسکتا تھا کہ آپ میرے سامنے بوجھ اٹھاتے ۔ اب ڈالی تو ای۔اے ۔سی لایا تھا ۔ لیکن چونکہ وہ ڈالی تحصیلدا رنے انگریز افسر کے آگے رکھی تھی اس لئے وہ اس پر مہربان ہوگیا ۔ یہی حال انسان کا ہے ۔ اللہ تعالیٰ کی طرف سے اسے ڈالی آتی ہے ۔لیکن ماں باپ ۔بیوی بچہ۔ بہن یا بھائی وہ ڈالی اٹھا کر اس کے سامنے رکھ دیتے ہیں اور وہ سمجھتا ہے کہ اصل ڈالی پیش کرنے والے یہی ہیں حالانکہ ان کے پیچھے خداتعالیٰ کا ہاتھ ہوتا ہے ۔
اسلام ؔ نے انسان کو یہ یاد دلانے کے لئے کہ حقیقی محسن خدا تعالیٰ ہی ہے یہ ترکیب رکھ دی کہ جب تم کھانا کھائو ۔یا پانی پیؤ ۔ تو اس کے شروع کرنے سے پہلے بسم اللہ پڑھ لیا کرو۔ اور کھانے سے پہلے بسم اللہ پڑھنے کے یہ معنے ہیں کہ یہ کھانا تمہارے سامنے رکھا تو تمہارے ماںنے ہے لیکن بھیجا خدا تعالیٰ نے ہے ۔یا کھانا تمہارے سامنے رکھا تو بیوی نے ہے مگر بھیجا خدا نے ہے یا کھانا تمہارے سامنے رکھا تو بھائی نے ہے لیکن بھیجا خدا تعالیٰ نے ہے ۔اور جب انسان کو پتہ لگ جاتا ہے اور باربار مضمون اس کے سامنے دہرایا جاتا ہے کہ درحقیقت یہ تمام نعمتیں عطا کرنے والا خدا تعالیٰ ہی ہے ۔وہی ہمیں کھانا دیتا ہے وہی ہمیں پانی دیتا ہے ۔ وہی ہمیں پہننے کو کپڑے مہیا کرتا ہے تو آہستہ آہستہ اس کی طرف دل مائل ہوجاتا ہے اور خدا تعالیٰ کی محبت پیدا ہوجاتی ہے ۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے ھُوَ یُطْعِمُنِیْ وَیَسْقِیْنِ میں یہی نکتہ بیان فرمایا ہے کہ اصل احسان خدا تعالیٰ کا ہے ۔ جس نے ہمیں کھانے پینے کو دیا ۔ اور جب وہی محسنِ حقیقی ہے ۔تو انسان کی یہ کتنی بڑی نادانی ہے کہ وہ محسنِ حقیقی کو تو چھوڑ دیتا ہے اور ان لوگوں کے آگے جھکنا شروع کردیتا ہے جن کو اس نے صرف ایک درمیانی واسطہ بنایا ہے ۔ گویا وہ شاخ پر تو ہاتھ مارتا ہے او رتنے کو نظر انداز کر دیتا ہے ایسا انسان یقینا اپنی روحانی ترقی کا راستہ اپنے ہاتھ سے بند کرتا ہے اور خدا تعالیٰ کی ناراضگی کا مورد بنتا ہے ۔
پھر فرماتے ہیں وَاِذَ امَرِضْتُ فَھُوَ یَشْفِیْنِ جب میں بیمار ہوتا ہوں تو خدا تعالیٰ مجھے شفا بخشتا ہے آپ نے اس جگہ مَرِضْتُ میں مرض کو اپنی طرف منسوب کیا ہے اورشفا کو خدا تعالیٰ کی طرف ۔کیونکہ اللہ تعالیٰ نے جتنی چیزیں پیدا کی ہیں وہ سب کی سب انسان کے فائدہ کیلئے پیدا کی ہیں۔ جب انسان ان کو غلط استعمال کرتا ہے تو اس وقت وہ بیمار ہوجاتا ہے یا نقصان اٹھاتا ہے اورجب انسان پھر اس کا کسی رنگ میں ازالہ کردیتا ہے اور علاج کرتا ہے تو شفا پاتا ہے ۔ اس لئے مرض تو انسان کی طرف منسوب ہوتی ہے اور شفا خدا تعالیٰ کی طرف ۔دنیا میں جتنی مصیبتیں اور بلائیں انسان پر وارد ہوتی ہیں ان پر اگر غور کیا جائے تو معلوم ہوگا کہ وہ ساری کی ساری خدا تعالیٰ کی نعمتوں کے غلط استعمال کی وجہ سے آتی ہیں۔ اگر خدا تعالیٰ کی نعمتوں کا صحیح استعمال کیا جائے تو انسان ان مصائب اور بلائوں سے بچ سکتا ہے ۔ مثلاً بیماری ہے۔ یہ کیوں پیدا ہوتی ہے؟ یہ اس لئے پیدا ہوتی ہے کہ لوگ ایسی چیزیں کھاتے ہیں جن سے ان کے اعضائے انہضام بگڑتے ہیں یا وہ ایسی چیزیں کھاتے ہیں جو اپنے وجود میں تو نقصان دہ نہیں ہوتیں۔ مگر اعتدال سے زیادہ استعمال کرلینے کی وجہ سے یا غلط استعمال کرنے کی وجہ سے وہ بیمار ہوجاتے ہیں۔ مثلاً خربوزہ ہے ۔ جہاں تک خربوزے کا سوال ہے یہ اللہ تعالیٰ کی ایک نعمت ہے ۔ لیکن اسی نعمت کو اگر اعتدال سے زیادہ استعمال کیا جائے تو مصیبت بن جاتی ہے اور بیماری پیدا ہوتی ہے ۔ یا آم ہے۔ یہ بھی خدا تعالیٰ کی نعمت ہے۔ لیکن حد سے زیادہ کھا لینے سے نقصان ہوتا ہے ۔ غرض اللہ تعالیٰ کی جتنی بھی نعمتیں ہیں ان کو ایک حد کے اندر استعمال کیا جائے تو فائدہ مند ہیں اورجب حد سے تجواز کیا جائے تو بیماری پیدا ہوجاتی ہے ۔مثلاً بینگن اور کریلے گرم ہوتے ہیں ۔ اگر یہ حد کے اندر کھائے جائیں تو نعمت ہیں لیکن حد سے زیادہ کھائے جائیں تو بینگن سے بواسیر اور کریلوں سے پیچش وغیرہ ہوجاتی ہے ۔اسی طرح گنا ہے ۔اگر اس کا استعمال حد کے اندر کیا جائے تو نہایت فائدہ مند ہے ۔لیکن اگر زیادہ استعمال کیا جائے تو پیشاب کی بعض امراض لاحق ہوجاتی ہیں۔ اب جہاں تک گنے کا سوال ہے وہ بیماری پیدا نہیں کرتا ۔بیماری پیدا کرنے والی چیز گنے کا حد سے زیادہ استعمال ہے ۔ورنہ شوگر انسانی جسم کیلئے نہایت ضروری چیزہے ۔ گلوکوز کو دیکھ لو یہ شوگر ہی ہے ۔ لیکن ڈاکٹر جب مریضوں کو گلوکوز کاانجیکشن کرتے ہیں تو ان کی چھُوٹی ہوئی نبضیں بھی چل پڑتی ہے۔ پہلے زمانہ میں لوگ ناواقفیت سے ذیابیطس کا علاج کرتے ہوئے شکر کو بالکل ختم کردیتے تھے حالانکہ ان کا باقی رہناضروری ہوتا تھا ۔ نتیجہ یہ ہوتاتھا کہ کئی لوگ جن کی شوگر بالکل ختم کردی جاتی تھی ان کاہارٹ فیل ہوجاتاتھا ۔آج کل بھی انسولین کا ٹیکہ کرتے وقت ڈاکٹروں کو یہ ہدایت ہوتی ہے کہ اگر مریض کے قلب پر اس کا اثر ہو تو فوراً اسے گلوکوز کا ٹیکہ کردو۔اور جب ایسا کیا جاتا ہے تو مریض سنبھل جاتا ہے ۔ پس جتنی بیماریاں انسان کے اندر پیدا ہوتی ہیں وہ خدا تعالیٰ کی نعمتوں کے غلط استعمال کی وجہ سے پیدا ہوتی ہیں ۔ اگر ان نعمتوں کا صحیح استعمال کیا جائے تو کبھی بیماری پید انہ ہو ۔ خدا تعالیٰ نے انسان کے فائدہ کے لئے لوہا پید اکیا ہے ۔جب تک اس کا صحیح استعمال کیا جائے یہ نہایت فائدہ مندچیز ہے اور ہر قسم کی مشینریاں اس سے تیا رہوتی ہیں جو انسان کو فائدہ پہنچاتی ہیں۔لیکن جب ا س کا غلط استعمال کیا جائے تو یہی چیز نقصان دہ ہوجاتی ہے۔ مجھے اپنے بچپن کا ایک واقعہ یاد ہے کہ ہمارے مکانوں کی تعمیر کیلئے سیالکوٹ سے ترکھان آئے ہوئے تھے ۔ میں ان کو کام کرتے دیکھتا ۔ اور جب وہ تیشہ چلاتے تو میرے دل میں بھی شوق پیدا ہوتا کہ میں اس کو چلاکر دیکھوں۔ وہ تو روزی کمانے کے لئے کام کرتے تھے مگر میں سمجھتا تھا کہ ان کو اس فعل میں مزا آتا ہے اور میں اپنے دل میںکہتا تھا کہ میں کیوں نہ یہ مزا اٹھائوں۔ میں نے بہت دفعہ کوشش کی کہ تیشہ چلاکر دیکھو ں لیکن وہ مجھے ہاتھ نہ لگانے دیتے تھے اور کہتے تھے ۔ زخمی ہو جائو گے ۔ مگر میں ان کے منع کرنے سے سمجھتا تھا کہ وہ مجھے اس مزے سے محروم رکھنا چاہتے ہیں۔ آخر ایک دن میر ا دائو چل گیا وہ نماز پڑھنے کے لئے مسجد میں گئے ہوئے تھے اور ان کے ہتھیار وہیں پڑے تھے ۔میں نے تیشہ اٹھایا اور چلانا شروع کردیا ۔ مگر پہلی ہی چوٹ لگائی تھی کہ تیشہ میرے ہاتھ پر آلگا اور میں زخمی ہوگیا ۔چنانچہ اس زخم کا نشان ابتک موجو د ہے ۔ اب دیکھو خدا تعالیٰ نے اس لئے نہیں بنایا تھا کہ انسان زخمی ہو مگر اس کے غلط استعمال نے میرے ہاتھ کو زخمی کردیا۔ اسی طرح اللہ تعالیٰ نے جتنی چیزیں پیدا کیں ہیں وہ سب کی سب انسان کے فائدہ کے لئے ہیں ۔ لیکن ان کے غلط استعمال سے اسے نقصان ہوتا ہے ۔ مثلاًلڑائی میں دوسرے پر تلوار یا خنجر سے حملہ کیا جاتا ہے جس سے وہ ہلاک ہوجاتا ہے مگر سوال یہ ہے کہ کیا اللہ تعالیٰ نے لوہا اس لئے بنایا تھا کہ دوسرے کے سر پر مارا جائے ۔ اگر اسی لوہے کو بجائے انسانوں پر استعمال کرنے کے اس سے چاقو اور چھریاں بنائی جائیں اور ان سے ترکاریاں وغیرہ کاٹنے کا کام لیا جائے یا اس کی کلہاڑیاں بنائی جائیں جن سے درخت کاٹے جائیں یا اس سے ہل چلانے والے اوزار بنائے جائیں اور اس کی مشینریاں تیار کی جائیں تو یہ ایک نہایت ہی مفید چیز ہے۔ لیکن اگر اسی لوہے کو دوسرے کے سر پر مارا جائے تو اس کا سر پھٹ جائے گا ۔ پس دنیا میں کوئی چیز بھی ایسی نہیں جس کا اچھا استعمال کیا جائے تو وہ نقصان پہنچائے ۔ نقصان پہنچانے والی چیز ان نعمتوں کا برا استعمال ہوتا ہے اور نہ کہ خود وہ نعمتیں ۔ مثلاً سانپ اور بچھو کا زہر نہایت خطرناک چیز ہے ۔ مگر ہومیو پیتھک والوں نے کئی قسم کے امراض کے علاج میں اسے استعمال کرنا شروع کردیا ہے اور اسے نہایت مفید پایا جاتا ہے ۔ جن مریضوں کے ناخن پھٹ جاتے ہیںان کو سانپ کا زہر ہومیو پیتھک دوا کی صور ت میں دے دو تو فوراً آرام آجائے گا ۔ اسی طرح سنکھیا ہے ۔اس کے کھانے سے لوگ مرتے بھی ہیں لیکن دیکھنا تو یہ چاہیئے کہ اس کے کھانے سے کتنے لوگ مرتے ہیں اور کتنے زندہ ہوتے ہیں ۔ اگر اندازہ لگایا جائے تو سال میں ہزار دو ہزار آدمی سنکھیا کھانے سے مرتے ہیں۔لیکن جو لوگ اس سے شفا پاتے ہیں ان کی تعداد لاکھوں تک ہے ۔ پرانے ملیریا کے مریض پر جب کوئی دوا اثر نہیں کرتی تو سنکھیا کی قلیل مقدار سے ٹھیک ہوجاتا ہے ۔اس کے علاوہ اور بھی کئی قسم کے امراض کیلئے یہ مفید ہے ۔ اسی طرح کچلہ ہے ۔ یہ بھی زہر ہے اسکے کھانے سے کئی لوگ مرجاتے ہیں ۔ لیکن لاکھوںلاکھ انسان اس سے بچتے بھی ہیں۔ اسی طرح بہت بڑی تباہی والی چیز افیون ہے ۔لیکن اس کی تباہی کے مقابلہ میں اس کے فوائد بہت زیادہ ہیں۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام فرمایا کرتے تھے کہ اطباء کا قول ہے کہ طب کی آدھی دوائیں ایسی ہیں جن میں افیون استعمال ہوتی ہے اور اس کا اتنافائدہ ہے کہ اندازہ لگانا مشکل ہے ۔ جب انسان کو بیچینی اور بے کلی ہوتی ہے ۔ جب انسان کی نیند اڑ جاتی ہے ۔ جب انسان درد سے نڈھال ہوکر خودکشی کرنے پر آمادہ ہوجاتا ہے تو اس کو مارفیاکا ٹیکہ لگاتے ہیں ۔جس سے اسے فوراً آرام ہوجاتا ہے پس دنیا میں کوئی چیز بھی ایسی نہیں جو اپنی ذات میں نقصان دینے والی ہو ۔ نقصان دینے والی چیز صر ف غلط استعمال ہے جو انسان کی اپنی کوتاہیوں کا نتیجہ ہوتا ہے ۔ اسی لئے حضرت ابراہیم علیہ السلام نے مرض کو اپنی طرف اور شفا کو اللہ تعالیٰ کی طرف منسوب کیا ہے مگر ہمارے ملک میں ایک مسلمان خدا تعالیٰ پر ایمان رکھتے ہوئے جب کسی کام میں ناکام ہوتا ہے تو وہ کہتا ہے۔ میں نے تو پورا زور لگا دیا تھا لیکن خدا تعالیٰ نے مجھے ناکام کردیا ۔ گویا وہ خوبی کو اپنی طرف اور برائی کو خدا تعالیٰ کی طرف منسوب کرتا ہے ۔ یہ خدا تعالیٰ کی بڑی بھاری ہتک ہے جو ہمارے ملک میں کی جاتی ہے حالانکہ سچے مومن کا یہ طریق ہوتا ہے کہ جب اس کے کام کا اچھا نتیجہ نکل آتا ہے تو وہ کہتا ہے الحمداللّٰہ خدا تعالیٰ نے مجھے کامیاب کردیا ۔ او راگر خراب نتیجہ نکلتا ہے تو وہ انا اللّٰہ وانا الیہ راجعون پڑھتا ہے۔ اور کہتا ہے میں اپنی کوتاہیوں کی وجہ سے ناکام رہا ہوں ۔ ورنہ خدا تعالیٰ نے تو میرے لئے برکت اور حمت کے ہی سامان کئے تھے ۔اور خدا تعالیٰ کی طرف سے برکت اسی کو ملتی ہے جو حضرت ابراہیم علیہ السلام کی طرح پورا عیب اپنی طرف اور خوبی خدا تعالیٰ کی طرف منسوب کرتا ہے۔ خدا تعالیٰ کہتا ہے۔ میرے اس بندہ نے چونکہ عیب اپنی طرف اور خوبی میری طرف منسوب کی ہے۔ اس لئے اب میرا فرض ہے کہ میں اسے پوری طرح کامیاب کروں تاکہ تمام خوبیاں میری طرف ہی منسوب ہوں۔ لیکن جب وہ ایسا نہیں کرتا اور خدا تعالیٰ کو تمام خرابیوںکا ذمہ وار قرار دیتا ہے تو خدا تعالیٰ بھی اس کی مدد سے اپنا ہاتھ کھینچ لیتا ہے۔
پھر فرماتے ہیں وَالَّذِی ْ یُمِیْتُنِیْ ثُمَّ یُحِیْیْنِ میرا خدا وہ ہے جو مجھے مارے گا اور پھر مجھے زندہ کریگا۔اس آیت میں اللہ تعالیٰ کی دو صفات مُحْیِ اورمُھِیْت کا ذکر کیا گیا ہے ۔یعنی وہ زندہ بھی کرتا ہے اور مارتا بھی ہے ۔اس کے زندہ کرنے کا ثبوت تو وہ ہزاروں لاکھوں بچے ہیں جو روزانہ دنیا میں پید اہوتے ہیں ۔ اور ایسے حالات میں پیدا ہوتے ہیں جو انسان کے اختیار سے باہر ہوتے ہیں اور ایسے حالات میں سے گزر کر بڑھتے ہیں کہ اگر کسی بالا ہستی کاتصرف نہ ہو تو ان کے بڑھنے کی کوئی صور ت ہی نہیں ہوسکتی ۔ایک جانور کا بچہ صر ف چند دن میں ہی اپنی ضرورتوںکوخود بخود پورا کرنے کے قابل ہوجاتا ہے چڑیوںکے بچے ایک یا ڈیڑھ ہفتہ میں اڑنے لگ جاتے ہیں۔مرغیوں کے بچے تین چار ہفتہ میں اپنی ضرورتوں کو پور اکرنے لگ جاتے ہیں۔ چوپائوں کے بچے پیدا ہوتے ہی تھوڑی دیر میں اچھلنے کودنے لگ جاتے ہیں مگرانسان کا بچہ چھ سا ت مہینے بلکہ بعض دفعہ تو نو نو ماہ تک گودی میں اٹھائے رکھنے کے قابل ہوتا ہے ۔ اور بعض اوقات تو سات آٹھ بلکہ نو مہینہ تک وہ گھٹنوں کے بل چلنے کے بھی قابل نہیں ہوتا ۔ پھر اس کی غذا جس سے وہ پرورش پاسکتا ہے اُس کی ما ں کی چھاتیوں میں ہوتی ہے۔کہیں دو تین سال میں جاکر وہ دانت نکالتا ہے ۔بیشک ایسے بچے بھی ہوتے ہیں جو چھ یا سات مہینے میں ہی اپنے دانت نکال لیتے ہیں یا نکالنے شروع کردیتے ہیں مگر بالعموم ایسے دانت جن سے بچہ کسی قدر غذا حاصل کرسکتا ہے وہ ڈیڑھ دو بلکہ اڑھائی سال کے بعد مکمل ہوتے ہیں اتنے لمبے عرصہ تک اپنی جان کو جو کھوں میں ڈال کر ایک عورت جو اپنے بچہ کی خدمت کرتی ہے یہ بغیر اس کے کبھی ممکن ہی نہیں تھا جب تک خدا تعالیٰ کی طرف سے اس کی دل میں پرورش کا خیال اور بچہ کی محبت پیدا نہ کردی جاتی ۔ یہ مت خیال کرو کہ صرف ماں ہونا ہی اس محبت کا موجب ہوسکتا ہے۔کیونکہ ماں کے جذبات اس کے اپنے اختیار کی چیز نہیں اور اختیار چیز ہی کسی انسان کی طرف منسوب کی جاتی ہے جو چیز کسی انسان کے اختیار کی نہیں وہ اُس کی طرف منسوب کس طرح کی جاسکتی ہے وہ تو لازماً کسی اور ہستی کی طرف منسوب کرنی پڑے گی ۔ اور وہ ہستی اللہ تعالیٰ کی ہے جس نے ماں کے دل میں اپنے بچوں کی محبت پیدا کی اور اسے پیدائش اور پرورش کی تکالیف برداشت کرنے کی طاقت دی چنانچہ سالہا سال تک وہ اپنے بچوں کو پالتی رہتی ہے پہلے نو ماہ تو وہ اپنے بچے کو پیٹ میں اٹھاتی ہے ۔ پھر دو سال تک اسے گود میں اٹھاتی ہے ۔گویا اوسطاً اڑھائی سال تک ماں اپنے بچہ کی ہورہتی ہے تب کہیں وہ پرورش پاتا ہے ۔ مگر اس کے بعد وہ فارغ نہیں ہو جاتی اور اس طرح اپنی زندگی کا بہترین حصہ عورت اپنے بچوں کی پرورش میں لگا دیتی ہے۔ پس یہ جذبہ محبت جو ہر عورت کے دل میں
اپنے بچوں کے متعلق پایا جاتاہے اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہی پیدا کیا گیا ہے۔ ورنہ اتنی محنت کی برداشت انسانی عقل کے ماتحت نہیں ہوسکتی تھی ۔ اگر خدا تعالیٰ یہ جذبات ماں کے دل میں پید انہ کرتا تو آہستہ آہستہ فلسفہ ار عقل کے ماتحت یا تو انسان اولاد پیدا کرنا ہی بند کردیتے اور یاپھر ان کی پرورش کی طرف سے اپنی توجہ کلیتہً ہٹالیتے ۔
پھر خدا تعالیٰ کے مُمِیْت ہونے کا نظارہ بھی روزانہ نظر آتا ہے ۔ بڑے بڑے شہروں میں سینکڑوں آدمی روزانہ مرتے ہیں۔ چنانچہ کسی سڑک پر چلے جائو۔ تمہیں جنازے گزرتے دکھائی دیںگے ۔ چھوٹے قصبات میںبھی پانچویں دسویں کوئی نہ کوئی موت ہوتی رہتی ہے چھوٹے گائوں میں بھی سال میں دوتین موتیں ہوجاتی ہیں ۔پس موت کا یہ نظارہ بھی ہمیں کثرت سے دنیا میں نظر آتا ہے ۔غرض خدا تعالیٰ کی یہ دونوںصفات کہ وہ محیؔ بھی ہے اور ممیت ؔ بھی ہے اس رنگ میں لوگوں کے سامنے آتی رہتی ہیں کہ کوئی ان کا انکار نہیںکر سکتا ۔ حیات انسان کے لئے خوشی کا موجب ہوتی ہے اور موت لوگوں کے لئے رنج کا موجب ہوتی ہے ۔ دشمن کی بھی لاش پڑی ہوئی ہو تو سوائے کسی شقی القلب انسان کے دوسرے انسانوں کے دلوں میں رحم کا مادہ پیدا ہوجاتاہے ۔ بیس بیس تیس تیس سال کی دشمنیاں اس وقت دلوں سے نکل جاتی ہیں اور دشمن کی لاش دیکھ کر انسان کے دل میں سے اس وقت دعا ہی نکلتی ہے ۔ یا اس کے رشتہ داروں اور عزیزوں کیلئے دل میں رحم اورہمدردی کے جذبات پیدا ہوتے ہیں۔ کیونکہ ہر انسان جانتا ہے کہ جودن اس پر آیا ہے وہ مجھ پر بھی آنے والا ہے ۔ لیکن اللہ تعالیٰ کے نزدیک جو عالم الغیب ہے یہ دونوں مواقع نہ کلی طور پر خوشی کا موجب ہوتے ہیں اور نہ کلی طور پر غم کا موجب ہوتے ہیں ۔جب کوئی بچہ کسی کے گھر میں پیدا ہوتا ہے تو اس کے ماں باپ اور عزیز سمجھتے ہیں کہ ایک نیا چاند دنیا میں نکلا ہے ایک رحمت کا نیا دروازہ ہمارے لئے کھلا ہے حالانکہ بسااوقات پیدا ہونے والی روح دنیا کے لئے کئی قسم کے مصائب اور دکھوں کا موجب ہوتی ہے۔ اس کے رشتہ دار تو اس کی پیدائش پر تو خوش ہورہے ہوتے ہیں لیکن آسمان پر خدا کے فرشتے اس کی پیدائش سے غمگین ہو رہے ہوتے ہیں ۔
غرض پیدائش دنیا کے نزدیک ایک ہی نکتہ رکھتی ہے یعنی خوشی کا۔ کسی کی پیدائش پر تھوڑے لوگ خوش ہوتے ہیں اور کسی کی پیدائش پر زیادہ ۔ لیکن آسمان کے فرشتے کسی کی پیدائش پر اگر ان کیلئے رونا ممکن ہوتو آنسو بہاتے یا دوسرے الفاظ میں اپنے رنج کا اظہار کرتے ہیں ۔ اورکسی کی پیدائش پر خواہ دنیا کے لوگ خوشی نہ منائیںفرشتے بڑی خوشی کا اظہار کرتے ہیں ۔ یہی حال موت کا ہے۔ موت کے وقت بھی دنیا کے ہر انسان کے رشتہ دار اور دوست تھوڑے ہوں یا بہت رنج محسوس کرتے ہیں۔ ایک ڈاکو مرتا ہے تو اس کے بیوی بچے خوش نہیں ہوتے کہ ہماراباپ ڈاکو تھا ۔ قاتل تھا ۔ فتنہ وفساد پھیلاتا تھا۔ اچھا ہوا کہ وہ مرگیا بلکہ ان کی اسی طرح چیخیں نکل جاتی ہیں جس طرح بڑے بڑے محسن اور نیک باپ کے بچوں کی اس کی وفات پر نکل جاتی ہیں اور وہ دنیا کیلئے اس کی موت کو ایسا ہی خطرناک سمجھتے ہیں جیسے کسی بڑے بڑے مصلح کی وفات کو بلکہ شائد اس سے زیادہ۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام ایک لطیفہ سنایا کرتے تھے کہ جب مہاراجہ رنجیت سنگھ کی وفات ہوئی تو چونکہ ان کے دورِ حکومت میں امن قائم ہوا تھا ۔ اور وہ طوائف الملوکی جو پہلے پھیلی ہوئی تھی جاتی رہی تھی اس لئے سکھوں کے علاوہ جو ان کے ہم مذہب اور ہم قوم تھے ہندو او رمسلمان بھی عام طور پر یہ سمجھتے تھے کہ اب ان کی وفات کے بعد پھر فتنے پیدا ہونے شروع ہوجائیںگے ۔اس لئے لوگوں میں ایک کہرام مچا ہو اتھا اور ہر شخص کے آنسو رواں
تھے ۔جن کے زیادہ گہرے تعلق تھے وہ چیخیں مار رہے تھے ۔ فرماتے تھے کہ کوئی چوہڑا لاہور کے قریب سے گزرا اور اس نے کسی سے پوچھا کہ آج لاہور والوں کو کیا ہوگیا ہے کہ جس کو دیکھو رو رہا ہے ۔جس کو دیکھو رو رہا ہے اس نے کہا۔ تمہیں پتہ نہیں۔ مہاراجہ رنجیت سنگھ فوت ہوگئے ہیں۔ وہ بڑی حیرت کا اظہار کرکے کہنے لگا۔ اچھا! رنجیت سنگھ مرگیا ہے اور اس پر لوگ رورہے ہیں ۔پھر کہنے لگا ۔ ’’ باپو ہوراں جیہے مرگئے تے رنجیت سنگھ بچار اکس شماروچ‘‘۔یعنی جب میرے باپ جیسا آدمی مرگیا تو رنجیت سنگھ بھلاکس شمار میں تھا ۔ اب مہاراجہ رنجیت سنگھ کے ذریعہ بے شک امن قائم ہوا تھا ۔مگر چونکہ اس چوہڑے کا جو تعلق اپنے باپ سے تھا وہ مہاراجہ رنجیت سنگھ سے نہیں تھا ۔ اور سیاسی فوائد کو وہ سمجھنے کے قابل نہیں تھا اس لئے اس کے نزدیک سب سے بڑی رنج کی بات اپنے باپ کی تھی ۔ اسی طرح کئی بادشاہ بڑے ظالم ہوئے ہیں ۔ مثلاً ہلاکو خاں بڑا ظام مشہور ہے ۔ مگر جب ہلاکو مرا ہوگا تو کیا تم سمجھتے ہو کہ اس کی بیوی اور بچوں کو دوسروں کی بیویوں او بچوں سے کم صدمہ ہوا ہوگا ۔یقیناانہیں ہلاکو خاں کی وفات پر ویسا ہی صدمہ ہوا ہوگا ۔جیسے نوشیروان عادل کی وفات پر اس کے بیوی بچوں کو ہوا تھا ۔حالانکہ نوشیرواں عدل کی وجہ سے مشہور ہے اور ہلاکو خاں ظلم کی وجہ سے مگر دونوں کے بیوی بچوں کو یکساں صدمہ ہوا ہوگا ۔ بلکہ ممکن ہے ہلاکو خاں کی بیوی بچوں کو احساسات کے زیادہ تیز ہونے کی وجہ سے نوشیرواں کے بیوی بچوں سے بھی زیادہ صدمہ ہوا ہو۔ مگر آسمان پر یہ بات نہیں جس طرح پیدائش پر سارے بندے خوش ہوتے ہیں اور کسی کی پیدائش پر تھوڑے لوگ خوش ہوتے ہیںاور کسی کی پیدائش پر زیادہ لوگ خوش ہوتے ہیںمگر آسمان پریہ بات نہیں ۔وہاںکسی کی پیدائش پر خوشی کا اظہار کیاجاتا ہے اور کسی کی پیدائش پر رنج کا اظہار کیاجاتا ہے ۔ اسی طرح موت کا حال ہے ۔ موت پر سب لوگ رنج کا اظہار کرتے ہیں گو کسی کی موت پر تھوڑے لوگ رنج کا اظہار کرتے ہیں اور کسی کی موت پر زیادہ لوگ رنج کا اظہار کرتے ہیں مگر آسمان پر یہ بات نہیں۔ وہاں کسی کی موت پر رنج کا اظہارکیا جاتا اورکسی کی موت پر خوشی کا اظہار کیا جاتا ہے ۔ پھر یہ جذبہ بھی اموات کے لحاظ سے نسبتی طورپر تقسیم ہوجاتا ہے اور فرشتوںکا رنج اور ان کی خوشی بعض دفعہ مرکب ہوجاتی ہے ۔ یعنی فرشتے صر ف رنج یا صرف خوشی کا اظہار نہیں کرتے بلکہ ان کی خوشی اور رنج ملا جلا ہوتاہے ۔ مثلاً جب کوئی بدقسمت او گنہگار شخص مرتا ہے یا ایسا ظالم انسان مرتا ہے جس نے دنیا کے امن کو برباد کیا ہواہوتاہے تو خداتعالیٰ کے ملائکہ خوش بھی ہوتے ہیں کہ بندوں کو اس ظالم انسان سے نجات ملی۔ اور وہ رنج بھی کرتے ہیں کہ اپنے مولا کو راضی کرنے کے سے پہلے وہ شخص مرگیا ۔اسی طرح جب اللہ تعالیٰ کے بزرگ اور نیک لوگ فوت ہوتے ہیں اور دنیا میںان کی وفات کی وجہ سے کہرام مچا ہو ا ہوتاہے تو خداتعالیٰ کے فرشتے ان کی صحبت کے خیال سے خوشی منارہے ہوتے ہیں۔ موت کیا ہے؟موت اس طرح دنیا سے اگلے جہان میں جانے کا ایک دروازہ ہے ۔ جس طرح کوئی مصلح یا محسن انسان کسی شہر میں داخل ہوتاہے تووہاں کے رہنے والے خوشی محسوس کرتے ہیں ۔اسی طرح جب اللہ تعالیٰ کے برگزیدہ اور چنیدہ لوگ جو اپنی نیک اور تقویٰ اورمقامِ قرب میں ملائکہ سے بڑھ کر بلکہ ملائکہ کو سبق دینے والے ہوتے ہیں (جیساکہ حضرت آدم علیہ السلام کے واقعہ سے ظاہر ہے) وفات پاجاتے ہیں تودنیا کے لوگ تو ان کی وفات پر رنج کا اظہار کرتے ہیں اور اس بات پرغمگین ہوتے ہیں کہ وہ اپنا دور ختم کرکے اگلے جہان چلے گئے ۔ مگر فرشتے اس بات پر خوش ہوتے ہیں کہ اب وہ ہمارے ملک میں آگئے ہیں۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات پر جب مدینہ میںکہرام پڑا ہواتھا ۔ جنت کے لوگوں میںکتنی خوشی منائی جارہی ہوگی ۔
لوگ خدا اور اس کے فرشتوں کی زبان سے سنتے ہونگے کہ خدا تعالیٰ کا ایک برگزیدہ دنیا میں پیدا ہوچکا ہے اور وہ بہت بلند روحانی مقامات رکھتا ہے ۔ ان باتوں کو سن سن کر جنتیوں کے دلوں میں کتنی خوشی پیدا ہوتی ہوگی اور وہ کس طرح اس بات کے تصور سے خوش ہوتے ہونگے کہ کبھی یہ مبارک انسان ہم میں بھی آئے گا۔ پس جب فرشتوں نے آپ کی روح قبض کی ہوگی اور جب جنتیوں کو پتہ لگا ہو گا کہ اب ان کی سالہا سال کی امیدیں برآنے لگی ہیں تو انہوں نے کیسی خوشی ظاہر کی ہوگی ۔ مگر بہرحال یہ آسمانی بات ہے زمین پریہی ہوتا ہے کہ موت پر رنج کا اظہار کیا جاتاہے جس طرح خدا تعالیٰ کی یہ دو صفات ہمیں دنیا میں کام کرتی ہوئی نظر آتی ہیں ۔ اسی طرح کئی انسان ایسے ہوتے ہیں جو دنیا کے لئے ولادت کا موجب بنتے ہیں یا اس کی حیا ت کا موجب ہوتے رہتے ہیں مثلاً ماں باپ ہی ہیں وہ نئی نسلیں دنیامیں لاتے ہیں ۔ڈاکٹراور اطباء ہیں وہ مریضوں کا علاج کرتے ہیں ۔ اسی طرح قومی خدمات کرنے والے لوگ ہیں ۔جو ڈوبتے ہوئے لوگوں کو بچاتے ہیں۔ کہیں آگ لگ جائے تو بجھاتے ہیں ۔ اسی طرح اور کئی واقعات اور حادثات جو رونما ہوتے رہتے ہیںان میں لوگوں کی مدد کرتے ہیں ۔ یہ لوگ خدا کی صفت محیؔ کے مورد ہوتے ہیں ۔ اوراس کا ایک نمونہ ہوتے ہیں ۔ لیکن کئی لوگ دنیا میں ایسے بھی ہوتے ہیں جن کا کام ہی یہ ہوتا ہے کہ وہ تباہیاں اور بربادیاں اور ہلاکتیں لاتے رہیں ۔ کہیں ان کی وجہ سے قتل ہورہے ہوتے ہیں ۔ کہیں فساد ہورہے ہوتے ہیں۔ کہیں غارتگری کے واقعات رونما ہورہے ہوتے ہیں۔ کہیں فساد ہورہے ہوتے ہیں۔ یہ لوگ خدا کی صفت ممیت ؔ کو ظاہر کرنے والے ہوتے ہیں۔ مگر خدا تعالیٰ کی ہر صفت کی نقل کرنے والا انسان ضروری نہیں کہ خدا تعالیٰ کا مقبول ہو۔ خدا بیشک مُمِیْت ؔ ہے مگر یہ نہیںہوسکتا کہ ایک قاتل کسی کو بلاوجہ قتل کردے تووہ یہ کہے کہ میں نے چونکہ فلاں شخص کو قتل کرکے خدا تعالیٰ کی صفت ممیت ؔ کا اپنے آپ کو مظہر ثابت کیا ہے اس لئے میں بڑا مقرب ہوں ۔ اگر وہ ایسا کہے گا تو اس کا دعویٰ بالکل غلط ہوگا کیونکہ بندے کو جن حالات میں ممیت ؔ بننے کا حق حاصل ہے ان حالات میں اگر وہ ممیت ؔ بنتاہے تب تو وہ بے شک خدا تعالیٰ کا مقرب بن سکتا ہے ۔ لیکن اگر ان حالات میں ممیتؔ نہیں بنتا تووہ مقرب نہیں ہوسکتا۔ اسی طرح ولادت خدا تعالیٰ کی احیاء کی صفت ہے مگر ناجائز ولادت کا موجب خداتعالیٰ کی صفتِ محیؔ سے نسبت دیکر اپنے آپ کو خداتعالیٰ کا مقرب نہیں کہہ سکتا ۔ صرف وہی شخص خدا تعالیٰ کی صفت محیؔ یا ممیت ؔ کو پوراکرنے والا قرار پاسکتا ہے جو اللہ تعالیٰ کے بتا ئے ہوئے قوانین کے ماتحت ان صفات کا مظہر بنتاہے ۔اگر وہ خد تعالیٰ کے بنائے ہوئے قانون کے ماتحت محی بنتاہے تو بے شک وہ خدا تعالیٰ کا اس صفت میں وہ مظہر بن سکتاہے ۔ اسی طرح اگر وہ خدا تعالیٰ کی صفت ممیت کا مظہر اس رنگ میں بنتاہے جو اللہ تعالیٰ کے بنائے ہوئے قواعد کے مطابق ہو ۔ تو خدا تعالیٰ کا مقرب ہوسکتا ہے ورنہ نہیں۔ چنانچہ دیکھ لو جس وقت جہاد ہوتاہے ۔دونوں فریق ایک ساکام کررہے ہوتے ہیں ۔ وہ بھی تلوار چلا رہا ہوتا ہے اور یہ بھی تلوار چلا رہا ہوتا ہے ۔ کافر مومن کومارتا ہے اور مومن کافر کو مارتاہے ۔ پس بظاہر ان دونوں کا فعل یکساں ہوتاہے مگر جب کافر کی تلوار سے ایک مومن گرتا ہے تو اللہ تعالیٰ کا عرش کانپ جاتاہے اور فرشتے اس کافر پر لعنتیں ڈالتیں ہیں ۔ لیکن جب کسی مومن کی تلوار سے ایک کافر گرتاہے تو فرشتے خوش ہوتے ہیں اور مومن پر اللہ تعالیٰ کی رحمتیں نازل کرتے ہیں۔ حالانکہ فعل ایک ہوتا ہے مقام ایک ہوتاہے اور ذریعہ قتل ایک ہوتاہے ۔ مگر ایک کے فعل پر تو برکتیں اور حمتیں نازل ہوتی ہیں اور
دوسرے کے فعل پر اللہ تعالیٰ کی طرف سے لعنتیں اور ملامتیں نازل ہوتی ہیں ۔ پس اپنی ذلت میں ممیت ؔ ہونا یا محیؔ ہونا کوئی اچھی یا بری بات نہیں ۔اگر محیؔ ہونا خدا تعالیٰ کے قانون کے ماتحت ہوتو اچھا ہوتاہے۔ اگر ممیت ؔ ہونا خدا تعالیٰ کے قانون کے ماتحت ہوتواچھا ہوتاہے لیکن اگرممیت ؔ یامحیؔ ہونا خدا تعالیٰ کے مقرر کردہ قانون کے خلاف ہو تو یہی بات بری بن جاتی ہے ۔
پس اسلام یہ سکھاتا ہے اپنے کاموںکو ہمیشہ خداتعالیٰ کی رضا کے ماتحت رکھنے کی کوشش کرو۔ اور اس بات سے عبرت حاصل کروکہ دنیا میں لوگ محیؔ ہوکر بھی ظالم ہوتے ہیں اوروہ ممیت ہوکر بھی ظالم ہوتے ہیں ۔کئی ایسے ہیں جو احیاء ؔ کے سامان کررہے ہیں مگر پھر بھی وہ ظالم ہیں اور کئی ایسے ہیں جو امانت کے سامان کررہے ہیں مگر پھر بھی وہ ظالم ہیں ۔ لیکن مومن کی یہ حالت نہیں ہوتی وہ محی بنتا ہے تب بھی اس پر رحم کیاجاتا ہے اور ممیت بنتاہے تب بھی اس پررحم کیا جاتاہے ۔وہ قتل کرتا ہے تب بھی اسے ثواب ملتاہے اور پیدائش کا موجب بنتا ہے تب بھی اسے ثواب حاصل ہوتاہے ۔ پس ایسے انسان بننے کی کوشش کرو تاکہ تم سے کوئی ایسا فعل سرزد نہ ہو جس کے نتیجہ میں تمہیں خداتعالیٰ کی رضا حاصل نہ ہو۔
ہم دیکھتے ہیں کہ موجودہ زمانہ میں ایٹم بم کی ایجاد کی وجہ سے بڑی بڑی حکومتیںپریشان ہیں اور وہ چاہتی ہیں کہ اس کا کوئی توڑ پیدا ہو تاکہ دنیا اس کے تباہ کن نتائج سے محفوظ ہوسکے ۔ لیکن دوسری طرف اگر ہم غور کریں تو ہمیں نظرآتاہے کہ خدا تعالیٰ بھی ہمیشہ ایٹم بم گراتا رہتاہے او رہرسال دنیامیں پچاس ساٹھ لاکھ انسان مرجاتے ہیں ۔بلکہ جب کبھی وبائیں پڑتی ہیں توا س سے بھی زیادہ انسان مرجاتے ہیں ۔اورکروڑ ڈیڑھ کروڑ تک تعداد جاپہنچتی ہے مگر ساتھ ہم یہ بھی دیکھتے ہیںکہ خداتعالیٰ کے اس فعل سے دنیامیں کبھی گھبراہٹ پیدانہیںہوئی ۔اس کی وجہ صرف یہی ہے کہ خداتعالیٰ جہاں اپنے ایٹم بم (یعنی طبعی موت)سے لاکھوں کروڑوں انسانوں کومارتاہے وہاں اتنی ہی تعداد کو پیدا بھی کردیتاہے ۔اور اس کے پاس اگر مارنے کی طاقت ہے تو زندہ کرنے کی طاقت بھی موجود ہے ۔یہی وجہ ہے کہ باوجو دلاکھوں اور کروڑوں انسانوں کے سالانہ مرنے کے لوگوں میںگھبراہٹ کے آثار پیدانہیںہوتے ۔وہ جانتے ہیںکہ ہمارا خدا مُحْییٖ بھی ہے اور ممیت بھی ہے ۔وہ مارنابھی جانتاہے او ر پیدا کرنابھی جاتناہے ۔مگر ا ب ایٹم بم یااسی قسم کی اور ایجادات کے ذریعہ موت ایسے لوگوں کے قبضہ میںآئی ہے جو صرف مارناہی جانتے ہیں جلانانہیں جانتے ۔اسی لئے لوگ ایسی چیزوں سے گھبرا اٹھتے ہیں ۔ورنہ دنیامیں لو گ یوں بھی تو مرتے رہتے ہیں لیکن کسی کو گھبراہٹ نہیںہوتی ۔کسی عزیز رشتہ دار کے مرنے پر اس کے لواحقین دوچار روزتک رو دھوکرچپ ہوجاتے ہیں اور تھوڑا عرصہ ہی گذرتاہے کہ اسی گھر میں جہاں سے تھوڑا عرصہ پہلے ماتم اور چیخ و پکار کی آوازیں آتی تھیں ڈھول اور باجے بج رہے ہوتے ہیں او ر کسی خوشی کی تقریب کاانتظام ہورہاہوتاہے ۔غرض عزیز سے عزیز وجود کے مرنے پربھی اس کے متعلقین میںجو گھبراہٹ پیدا ہوتی ہے وہ عارضی ہوتی ہے جو تھوڑے دنوں تک بالکل مفقود ہوجاتی ہے ۔مگر دیکھ لو ایٹم بم سے دنیا کتنی گھبرائی ہوئی ہے اس کی وجہ صرف یہی ہے کہ اس کے ساتھ موت تو واقع ہوسکتی ہے مگر پیدائش کا کوئی انتظام نہیں۔ اگر اس کیساتھ پیدائش کا بھی انتظام ہوتا تو اتنی گھبراہٹ کبھی نہ ہوسکتی ۔ ہندوئوں میں ایک فرقہ ہے جس میں شامل ہونے والے لوگوں کا یہ عقیدہ ہے کہ برہماؔ جی پیدا کرتے ہیں شوجی ؔ مارتے ہیں ۔ کہاجاتا ہے کہ ہندوستان میں برہماجیؔ کے مندر نہیں ہیں اور شوجیؔ کے بہت سے مندر ہیں۔ برہماجیؔ کا سارے ہندوستان میں صرف ایک مندر ہے ۔ کہتے ہیں اس فرقہ سے
تعلق رکھنے والے ایک راجہ کے ہاں اولاد نہیں ہوتی تھی ۔ اس راجہ نے اپنے وزراء سے مشورہ کیا کہ میرے ہاں اولاد نہیں ہوتی کیا کرنا چاہیئے ۔ وزراء نے مشورہ دیا کہ آپ برہماجیؔ کی پرستش کریں لڑکا پیدا ہوگا ۔ راجہ نے پرستش شروع کردی اور ساتھ ہی نذر نیاز بھی مانی اور کہا اے برہما! اگر میرے گھر میں بیٹا ہوا تو میں اپنے راج میں سب لوگوں سے صرف تیری ہی پرستش کروائوں گا اور شوجیؔ کی پرستش چھڑادوںگا ۔ تھوڑے عرصہ کے بعد اس کے گھر میں لڑکا پیدا ہوا ۔ اور اس نے شوجی ؔ کی پرستش سے تمام رعایا کو منع کردیا اور برہما ؔ جی کی پرستش شروع کرادی۔کوئی عقلمند راجہ اسے آکر ملا اور اس نے کہا تمہارا جتنا کام برہماؔ جی کے ساتھ تھا وہ تو پورا ہوگیا اوربیٹا پیدا ہوگیا ۔ اس لئے بہتر ہے کہ اب شوجیؔ مہاراج کی پرستش کی جائے تاکہ وہ غصہ میں آکر لڑکے کی جان نہ نکال لے ۔ راجہ نے اس بات کو سمجھ لیا اور کہا اچھا آئندہ شوجیؔ کی پرستش کی جایا کرے تاکہ میرا لڑکا زندہ رہے ۔چنانچہ شوجیؔ کی پوجا شروع ہوگئی اور برہماؔ جی کو بھلا دیا گیا ۔ لڑکا جب بڑا ہوا تو اس نے کسی کی زبانی یہ سارا واقعہ سنا کہ مجھے برہماجیؔ مہاراج نے پیدا کیا تھا اور اب میرے والدین نے برہماجیؔ کو چھوڑ کر شوجیؔ کی پوجا شروع کردی ہے۔ اس لڑکے کے اندر اخلاقی جرأت تھی ۔ اس نے سوچا کہ احسان کرنے والے کے احسان کی قدر ہونی چاہیئے تھی ۔ اس لئے اس نے فیصلہ کیا کہ میں تو برہماجیؔ کی ہی پوجا کروںگا ۔ جب راجہ نے اپنے بیٹے کا یہ رویہ دیکھا تو اس کو فکر ہوا کہ اگر میرے لڑکے نے برہما جی کی پوجا کی شوجی ناراض ہوجائیں گے اور اس کی جان نکال لیں گے ۔ چنانچہ راجہ نے اپنے بیٹے کو ڈانٹا کہ برہماجیؔ کی پوجا چھوڑ دو۔ لڑکے نے کہا۔ میں برہماجیؔ کا احسان فراموش نہیں ہوسکتا ۔ کچھ مدت باپ بیٹے کا اسی طرح جھگڑا چلتا رہا ۔ جب کسی کے دل میں ضد پیدا ہوجاتی ہے تو وہ روکنے سے اور بھی بڑھتی ہے ۔ بیٹے کے دل میں بھی ضد بڑھتی گئی اور باپ کے دل میں بھی بڑھتی گئی ۔ آخر باپ نے ناراض ہوکر کہا۔ اے شوجی! اس کی جان نکال لے ۔ شوجیؔ نے لڑکے کی جان نکال لی۔ اس پر برہماجیؔ شوجی ؔ پر سخت ناراض ہوئے اور کہا اس کی جان کیوں نکالی گئی ہے ۔انہوں نے پھر اس کو زندہ کردیا مگر شوجی نے دوبارہ اس کی جان نکال لی اور برہماجی نے پھر اس کو زندہ کردیا۔اس طرح دیوتائوں میںلڑائی شروع ہوگئی ۔یہ تو ہندئوں کاعقیدہ ہے ۔مگر درحقیقت با ت یہ ہے کہ خداتعالیٰ کے اندر دو طاقتیں ہیں ۔ایک طاقت مارتی ہے اور دوسری پیداکرتی ہے ۔اس زمانہ میں اللہ تعالیٰ نے انسان کومارنے کی طاقت تو دے دی ہے مگر پیداکرنے کی طاقت نہیں دی ۔یہی وجہ ہے کہ دنیاگھبرااٹھی ہے اورجن ممالک کے پاس ایٹم بم نہیںہیںوہ ہروقت سہمے ہوئے اور خوفزدہ رہتے ہیںاور دنیاکے کونے کونے سے آوازیںآتی رہتی ہیںکہ ایٹم بم کولڑائی میںاستعمال نہ کیاجائے مگر میںسمجھتاہوں کہ ایٹم بم دنیاکو توجہ دلاتاہے کہ انسانوںکے ہاتھ میںآئی ہوئی طاقت کس قدر تباہ کن اور ہلاکت خیز ثابت ہوتی ہے اور انسان اس طاقت کو کس طرح بے موقع او ر بے محل استعمال کرکے ہزاروں اور لاکھوں انسانوں کوتباہ و برباد کردیتاہے اور پھر اسی پر بس نہیں کرتا بلکہ وہ یہ بھی کوشش کرتاہے کہ کسی طرح اس کواور بھی زیادہ مہلک بنائوں تاکہ وہ پہلے سے بھی بڑھ کر تباہی مچاسکے اور زیادہ سے زیادہ انسانوں کو تھوڑ ے سے تھوڑے وقت میںموت کے گھاٹ اتاراجاسکے ۔حالانکہ یہی چیز اگر جائزطریق سے برمحل اور باموقعہ استعمال کی جائے تو بنی نوع انسا ن کے لئے حددرجہ مفید ہوسکتی ہے ۔بہرحال اس گھبراہٹ کاعلاج صرف ایک ہی ہے اور وہ یہ کہ اس خداکی طرف رجوع کیاجائے جومارنابھی جانتاہے اورجِلانابھی جانتاہے ۔اس کے پاس یہ دونوں طاقتیں موجود ہیں ۔چنانچہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے یہی فرمایاہے کہ ہمار ا خدامحیی بھی ہے اور ممیت بھی ہے ۔پس اسی کے ساتھ تعلق رکھناچاہیے جولاکھوں کومارتاہے مگر کسی کے دل میںگھبراہٹ پیدانہیںہوتی ۔کسی گھر میںایک آدمی مرجاتاہے تو اس کے لواحقین دوچار دن تک اس پر رو دھو کرخاموش ہوجاتے ہیں ۔مگر تھوڑے دن نہیں گذرتے کہ اسی گھر میںکوئی بچہ پیداہوتاہے تو مبارک مبارک کے الفاظ کہے جارہے ہوتے ہیں اور یہ سب کچھ خداکے اختیا ر میں ہے ۔اس لئے ہمیں بھی خداتعالیٰ کی طرف توجہ کرنی چاہیے ۔اور اسی پر بھروسہ رکھناچاہیے ۔انسان کی طاقتیں صرف سطحی ہوتی ہیں ۔جب تک خداتعالیٰ کامنشاء اس دنیاکوقائم رکھنے کاہے ۔اس وقت تک ایٹم بم کچھ نہیںکرسکتا۔بلکہ خداان سب مارنے والوں کوبھی مارسکتاہے اور ایسے سامان بھی پیداکرسکتاہے جن سے یہ ایٹم بم سب بے کار ہوکررہ جائیں ۔پس انسان کو ان تمام باتوں سے بے نیاز ہوکرروحانیت کی طرف متوجہ ہوناچاہیے اورصرف خداتعالیٰ کی پرستش کرنی چاہیے ۔جوممیت تو ہے مگر ساتھ محیی بھی ہے یعنی گووہ مارتابھی ہے مگر پھر وہ زندہ بھی کرے گا۔اوراس طرح موت کے بعد بھی اس کی طر ف سے خیر ہی خیر آئے گی ۔موت کا ایک عارضی زمانہ ہوگااور آخر میں انسان کے لئے صرف حیات ہی حیات رہ جائے گی ۔
پھرفرماتے ہیں وَالَّذِیْ اَطْمَعُ اَنْ یَغْفِرَلِیْ خَطِیْئَتِی یَوْمَ الدِّیْنِ میرا رب وہ ہے جس کے متعلق مجھے امید ہے کہ وہ نتائج کے ظہور کے وقت میری کمزوریوں پرپردہ ڈالتے ہوئے اپنافضل میرے شامل ِ حال رکھیگا اور مجھے کامیابی اور کامرانی عطافرمائے گا۔
اس آیت میں جوغفر کالفظ ااستعمال کیاگیاہے اس کے معنی صرف گناہوں کی معافی کے نہیں بلکہ کمزوریوں پر پردہ ڈالنے کے بھی ہیں۔چنانچہ عربی زبان میں جب غَفَرَ الشَّیْئَ غَفْراًکہیںتو اس کے معنی ہوتے ہیں۔سَتَرَہکسی چیز کو ڈھانپ دیا ۔اور جب غَفَرَ الْمَتَاعَ فِیْ الْوِعَائِ کہاجائے تو اسکے معنی ہوتے ہیںاَدْخَلَہ وسَتَرَہسامان کو کسی ٹرنک یاتھیلے میں بندکرکے محفوظ کردیا۔اور جب کسی کے متعلق غَفَرَاللّٰہُ ذَنْبَہ کے الفاظ استعمال کئے جائیںتوا س کے معنی ہوتے ہیںغَطّٰی عَلَیْہِ وَعَفَاعَنْہ ۔خداتعالیٰ نے اس کے قصو ر کوڈھانپ دیااور اس کی کمزوریوں پر پردہ ڈال دیا(اقرب )اسی طرح خطیئۃ کالفظ اثمٌ کے مقابلہ میںاپنے اندر عمومیت رکھتاہے یعنی اثمٌ کالفظ توصرف ایسے قصور کے لئے استعمال کرلیاجاتاہے جن میںارادہ کاکوئی دخل نہیں ہوتا۔اسی طرح یومٌ کالفظ صرف دن کے معنوںمیںاستعمال نہیں ہوتا بلکہ وقت اور زمانہ کے معنوں میںبھی استعمال ہوتاہے ۔چنانچہ قرآ ن کریم میں بعض جگہ یومٌ کالفظ ایک ہزار سال ۱؎ کے لئے ااور بعض جگہ پچاس ہزار سال ۲؎ کے لئے استعمال کیاگیاہے محاورئہ عرب میںبھی یوم زمانہ اور وقت کے معنوں میںاستعمال ہوتاہے چنانچہ ایک شاعر کہتاہے ؎
یَوْمَاہ یَوْمُ ندیً وَ یَوْمُ طَعَان ٖ(لسان العرب و تاج العروس)
یعنی اس شخص کے دو ہی یوم ہیں ۔ایک سخاوت کرنے کایوم اور ایک نیزہ مارنے کایوم ۔اس جگہ یوم وقت کے معنوں میںاستعمال کیاگیاہے اور شاعر اپنے ممدوح کی تعریف کرتے ہوئے کہتاہے کہ اس کی زندگی کے کام صرف دو حصوں میں تقسیم ہیں۔اس کاکچھ وقت تو سخاو ت کے کاموں میں خرچ ہوتاہے اور کچھ وقت لڑائی میںبسر ہوتاہے ۔اسی طرح ایک حدیث میں آتاہے کہ تِلْکَ
۱؎ سورۃ السجدہ ع ۱۔ ۲؎ سورۃ المعارج ع ۱
اَیَّامُ الْھَرَجِیہ فتنہ کے ایام ہیں اور مراد یہ ہے کہ یہ فتنہ کے اوقات ہیں۔اس جگہ بھی یوم وقت اور زمانہ کے معنوں میں استعمال ہواہے ۔باقی رہادین کالفظ سو اس کے بھی عربی زبان میں کئی معانی ہیں ۔دین کالفظ اطاعت کے معنوں میںبھی استعمال ہوتاہے ۔ جزاء اور مطابق عمل نتیجہ کے معنوں میں بھی استعمال ہوتاہے ۔قضا اورفیصلہ کے معنوں میںبھی استعمال ہوتاہے ۔ملّت کے معنوں میںبھی استعما ل ہوتاہے ۔حساب کے معنوں میںبھی استعما ل ہوتاہے ۔غلبہ اور تفوق کے معنوں میں بھی استعما ل ہوتاہے ۔حکومت اور بادشاہت کے معنوں میں بھی استعما ل ہوتاہے ۔تدبیرکے معنوں میں بھی استعما ل ہوتاہے ۔طریق عبادتکے معنوں میں بھی استعمال ہوتاہے ۔پرہیزگاری کے معنوں میں بھی استعما ل ہوتاہے ۔حال کے معنوں میں بھی استعما ل ہوتاہے ۔بلند شان کے معنوں میں بھی استعما ل ہوتاہے ۔سیرۃ کے معنوں میں بھی استعما ل ہوتاہے ۔پس یوم الدّین کے معنی صرف قیامت کے نہیں کہ اس دعاکو آخری جزاء سزا کے دن کے لئے مخصوص سمجھاجائے بلکہ جیسا کہ اوپربتایاجاچکاہے دین کے ایک معنے جزاء اور مطابق عمل نتیجہ کے بھی ہوتے ہیں ۔پس حضرت ابراہیم علیہ السلام فرماتے ہیں کہ مجھے اپنے رب پر امید ہے کہ جب میرے اعمال کانتیجہ نکلے گاتو وہ میری کمزوریوں پرپردہ ڈالتے ہوئے اپنی رحمت میرے شامل حال رکھیگا۔اورمجھے اپنے مقصدمیں کامیابی عطافرمائے گا۔
وہ لوگ جو روحانیت سے بے بہرہ ہوتے ہیں یہ خیال کرلیتے ہیں انسان اسی صور ت میں مغفرت کا طلب گا رہوتاہے جب کہ وہ گناہ آلود زندگی بسر کررہا ہو۔مگر یہ خیال ان کی عربی زبان سے کلی ناواقفیت اور روحانی کوچہ سے قطعی طور پر نا آشنا ہونے کا ثبوت ہے حقیقت یہ ہے کہ ہر انسان اس بات کا محتاج ہے کہ خدا اسے اپنے نور سے حصہ عطا فرمائے ۔ اسے اپنی طاقت سے طاقت بچشے اور اپنے علم سے علم عطا کرے جس طرح انسانی آنکھ سورج کی روشنی کے بغیر بیکار ہے اور انسانی کان ہوا کے توسط کے بغیر دوسرے کی آواز سننے کی طاقت نہیں رکھتے ۔ اسی طرح ہر انسان خواہ وہ خداتعالیٰ کا نبی اور رسول کیوں نہ ہو خدائی طاقت اور اس کی مدد کا محتاج ہوتا
ہے ۔اسی لئے اسلام نے سکھایا ہے کہ ہر انسان پانچ وقت نماز کی ہر رکعت میں خدا تعالیٰ سے یہ کہے کہ اِیَّاکَ نَعْبُدُ وَاِیَّاکَ نَسْتَعِیْنُ یعنی اے خدا !ہم تیری ہی عبادت کرتے ہیں مگر یہ کام ایسا ہے جس میںصرف ہماری کوشش اور ارادہ ہمیں کامیاب نہیں کرسکتا بلکہ اس میں کامیابی صر ف اسی صور ت میں ممکن ہے جب ہماری کوشش کے ساتھ تیری مد د بھی شامل ہوجائے ۔ جب یہ دونوں چیزیں مل جائیں گی ۔تب کوئی نتیجہ پیدا ہوگا ورنہ محض ہماری کوشش کوئی نتیجہ پیدا نہیںکرسکتی ۔ انہی منصوبوں میں حضرت ابراہیم علیہ السلام فرماتے ہیں کہ میں اپنی طاقت کے مطابق تو خدا تعالیٰ کی توحید پھیلانے کے لئے رات اور دن جدوجہد کررہاہوںمگر میری یہ جدوجہد اللہ تعالیٰ کے فضل اور اس کی نصرت کے بغیر کامیاب نہیں ہوسکتی اس لئے میں اسی سے مدد کا طلب گارہوں ۔ اورمیں امید رکھتا ہوں کہ جب ان کوششوں کے نتائج کا ظہور ہوگا تو اس وقت اللہ تعالیٰ میری حقیر کوششو ں میں برکت پیدا فرمائے گا اور اگر کوئی خامی بشریت کی وجہ سے میرے کاموں میںرہ بھی گئی تو اس کمی کو اللہ تعالیٰ کا فضل پورا فرما دے گا اور مجھے اپنے مقصد میں کامیابی عطا فرمائے گا ۔
پھر جیساکہ اوپر بتایا جاچکا ہے دین کے ایک معنے غلبہ کے بھی ہوتے ہیں ۔اس لحاظ سے وَالَّذِیْٓ اَطْمَعُ اَنْ یَّغْفِرَلِیْ خَطِٓیْئَتِیْ یَوْمَ الدِّٓیْنِ کے یہ معنے ہوں گے کہ میں امید رکھتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ اس سلسلہ روحانیہ کی ترقی کے زمانہ میں بھی جس کی
ترویج میرے ہاتھ سے ہو رہی ہے میر ی بشری کمزوریوں کو نظر انداز کرتے ہوئے ایسے سامان پیدا فرمائے گا کہ جن کے نتیجہ میںتبلیغ اور تربیت کا سلسلہ جاری رہے گا اور اس کے دین کی کشتی ہر قسم کے حوادث کے تھپیڑوں سے بچتی ہوئی ساحلِ مراد پر کامیابی سے پہنچ جائے گی ۔
حقیقت یہ ہے کہ مذہبی جماعتوں کا غلبہ جہاں اپنے اندر بڑی بھاری بشارت رکھتاہے ۔ وہاں یہ غلبہ اپنے اندر ایک اندازکا پہلو بھی لئے ہوئے ہوتاہے کیونکہ اس وقت ہزاروں ہزار لوگ سلسلہ روحانی میں شامل ہوجاتے ہیں ۔ اور چونکہ انہوں نے خدا تعالیٰ کے دین کیلئے کسی قسم کی تکلیف برداشت نہیں کی ہوتی اور پھر وہ مذہبی تعلیم سے بھی بہت حد تک ناواقف ہوتے ہیں اس لئے ان کے اندر کئی قسم کے بگاڑ پید اجاتے ہیں ۔ وہ منہ سے تو بے شک ہر قسم کے عقائد کا اظہار کرتے ہیں مگر ان کا عمل اپنے دعویٰ کے مطابق نہیں ہوتا اوروہ دین میں داخل ہوتے ہوئے بھی دین کی عائد کردہ پابندیوں سے اپنے آپ کو آزاد سمجھتے ہیں ۔ اور اس طرح قومی تنزل کا بیج پرورش پانے لگتا ہے حضرت ابراہیم علیہ السلام نے بھی اپنی معرفت کی آنکھ سے اس بیج کو دیکھا اور انہوں نے اس کے ازالہ کے لئے اللہ تعالیٰ سے دعائیں کرنی شروع کردیں اورساتھ ہی اس امید کا بھی اظہار کیا کہ میرا رب میراساتھ دیگا ۔ اور وہ میر ی اس بشری کمزوری کو نظر انداز کرتے ہوئے کہ کوئی ایک انسان ہزاروں لوگوں کی تربیت نہیں کرسکتا اپنے فضل سے خود ہی ایسے سامان پیدا فرمادے گا کہ جن کے نتیجہ میں آنے والوں کی تربیت ہوتی رہے اور وہ اخلاص اور فدائیت کی روح کیساتھ اس کے دین کے جھنڈے کو ہمیشہ بلند رکھیں۔
رَبِّ ھَبْ لِیْ حُکْمًا وَّاَلْحِقْنِیْ بِاالصّٰلِحِیْنَ٭
اے میرے رب! مجھے صحیح تعلیم عطا کر ۔اور نیکوں میں شامل کر۔
وَاجْعَلْ لِّیْ لِسَانَ صِدْقٍ فِی الْاٰخِرِیْنَ٭
اور بعد میں آنے والے لوگوں میں ایک ہمیشہ قائم رہنے والی تعریف مجھے بخش۔
وَاجْعَلْنِیْ مِنْ وَّرَثَۃِ النَّعِیْمِ٭
اور مجھے نعمتوں والی جنت کے وارثوں میں سے بنا ۔
وَاغْفِرْلِاَبِیْٓ اِنَّہٗ کَانَ مِنَ الضَّآلِّیْنَ٭
اورمیرے باپ کو معاف کردے وہ بھٹک جانے والوں میںسے تھا ۔
وَلَا تُخْزِنِیْ یَوْمَ یُبْعَثُوْنَ٭
اورجس دن لوگ زندہ کرکے اٹھائے جائیں گے مجھے اس دن رسو انہ کیجیئو۔
یَوْمَ لَایَنُفَعُ مَالٌ وَّلَا بَنُوْنَ٭
جس دن کہ نہ مال نفع دے گا نہ بیٹے (نفع دیں گے )۔
اِلَّامَنْ اَتَی اللّٰہَ بِقَلْبٍ سَلِیْمٍ٭
اللہ (تعالیٰ) کے پاس ایک تندرست دل لے کرآئے گا ۔ ۱۸؎
۱۸؎ حل لغات:۔ اَلْحُکْمُ: اَلْحُکْمُ بِاشَّیْئِ کے معنے ہیں اَنْ تَقْضِیَ بِاَنَّہٗ کَذَا اَوْلَیْسَ بِکَذَا سَوَائً اَلْزَمْتَ ذٰلِکَ غَیْرَکَ اَوْلَمْ تُلْزِمْہُ یعنی کسی امر کے متعلق یہ فیصلہ کرنا کہ اس کی صحیح صور ت کیا ہے ۔خواہ وہ بات دوسروں پر واجب کی جائے ۔وَالْحُکْمُ اَعَمُّ مِنَ اَحِکْمَۃِ فَکُلُّ حِکْمَۃٍ حُکْمٌ۔یعنی عربی زبان میں دو لفظ استعمال ہوتے ہیںایک حُکْم ہے اور دوسرا اَلْحِکْمَۃُ ہے اور حُکْمُ کالفظ عام ہے اس لئے اس کے ماتحت حکمت کے سارے معنے آجاتے ہیں (مفردات)
اَلْحِکْمَۃُکے معنے ہیں اِصَابَۃُ الْحَقِّ بِالْعِلْمِ وَ الْعَقْلِ یعنی درست بات کوعلم اور عقل سے معلوم کرلینااو ر پالینا(مفردات)
اقرب الموارد میںہے ۔اَلْحِکْمَۃُ۔اَلْعَدْلُ وَ الْعِلْمُ وَالْحِلْمُ وَالنَّبُوَّۃُ ۔یعنی حکمت کے معنے انصاف ۔علم ۔بردباری اور نبوت کے ہیں ۔اسی طرح اس کے معنے ہیں مَایَمْنَعُ مِنَ الْجُھْلِ ہر وہ بات جوجہالت سے روکے ۔وَقِیْلَ کُلُّ کَلاَمٍ مُوَافِقِ الْحَقِّ ہر وہ بات جو حق کے مطابق ہو اس کوبھی حکمت کہتے ہیں۔وَقِیْلَ وَضْعُ الشَّیْئِ فِیْ مَوْضِعِہِ وَصَوَابُ الْاَمَرِوَسِدَادُہُ ۔اوربعض ماہرین لغت کہتے ہیںکہ کسی چیزکابرمحل استعمال حکمت کہلاتاہے ۔(اقرب)
لِسَانَ صِدْقٍ:مفردات میں ہے کہ یُعَبَّرُعَنْ کُلٍّ فَاضِل ظَاھِراً وَبَاطِناً بِالصِّدْقِ ہروہ امرجوظاہری اور باطنی لحاظ سے اعلیٰ درجہ کاہواس کے ساتھ صدق کالفظ استعمال کیاجاتاہے ۔اور یہ جو حضرت ابراہیم ؑ کی دعاآتی ہے کہ وَاجْعَلْ لِّی لِسَانَ صِدْقاس سے یہ مراد ہے کہ ہمیں اللہ تعالیٰ ایسابنائے کہ آنے والی نسلیں جوہمارا ذکرخیر کریں تو وہ درست ہو اور خلاف واقعہ نہ ہو (مفرادات)اقرب الموارد میں ہے کہ لِسَانَ الصِّدْقِ اچھے ذکر کو کہتے ہیں ۔
سَلِیْم: اَلسَّلاَمَۃُ کے معنی ہیں اَلتَعرِّیْ مِنَ الا ٰفَاتِ الظَّاھِرَۃِ وَالْبَاطِنَۃِ ۔ظاہری اور باطنی ہرقسم کی خرابیوں سے پاک ہونا(مفردات)پس قلب ٍسلیم کے معنی ہونگے ۔ایسا دل جو ہرقسم کی خرابیوں سے پاک ہو۔
تفسیر:۔حضرت ابراہیم علیہ السلام نے چونکہ اللہ تعالیٰ پر ایک بڑی امید کااظہار کیاتھا ۔اس لئے آپ نے سمجھا کہ اب میرا فرض ہے کہ میں خود بھی اس کے آستانہ پر جھک جائوں اور اس سے دعا کروں کہ وہ میری اس خواہش کی تکمیل کے سامان پیدافرمائے اور مجھے ایسی توفیق بخشے کہ میں اس کے پیغام کو احسن طریق پر لوگوں کو پہنچاتا چلا جائوں ۔چنانچہ آپ نے اللہ تعالیٰ سے دعافرمائی کہ اے میرے رب !مجھے حکم عطافرمااور مجھے نیک اور پاک لوگوں میں شامل کردے ۔حالانکہ یہ بالکل غلط ہے ۔اصل بات یہ ہے کہ ہر ملک اور ہر علاقہ میں اللہ تعالیٰ مجدّد پیدا کرتا ہے مگر لوگ قومی یا ملکی لحاظ سے اپنی قوم اور اپنے ملک کے مجدّد کو ہی ساری دنیا کا مجدّد سمجھ لیتے ہیں۔ حالانکہ جب اسلام ساری دنیا کے لئے ہے تو ضروری ہے کہ دنیا کے مختلف علاقوں اور مختلف ملکو ں میں مختلف مجدّدین کھڑے ہوں ۔ حضرت سیّد احمد صاحب بریلوی ؓ بھی بیشک مجدّد تھے ۔ مگر وہ ساری دنیا کے لئے نہیں تھے ۔بلکہ صرف ہندوستان کے مجدّد تھے ۔اگر کہا جائے کہ وہ ساری دنیا کے مجدّد تھے تو سوال پیدا ہوتا ہے کہ انہوں نے عرب کو کیا ہدایت دی انہوں نے مصر کو کیا ہدایت دی ۔ ان ملکوں کی ہدایت کیلئے انہوں نے کوئی کام نہیں کیا لیکن اگر ان ممالک کی تاریخ دیکھی جائے تو ان میں بھی ایسے لوگ نظر آتے ہیں جو صاحبِ وحی اور صاحبِ الہام تھے اور جنہوں نے اپنے ملک کی راہنمائی کا فرض سرانجام دیا پس وہ بھی اپنی اپنی جگہ مجدّد تھے اور یہ بھی اپنی جگہ مجدّد تھے ۔ فرض صرف یہ ہے کہ کوئی بڑا مجدّد ہوتا ہے اور کوئی چھوٹا۔ ہندوستا ن میں آنے والے مجدّدین کی اہمیت اس لئے ہے کہ وہ اس ملک میں آئے جہاں مسیح موعود نے آنا تھا ۔اور اس طرح ان کا وجود حضرت مسیح موعو دعلیہ الصلوٰۃ والسلام کے لئے بطور ارہاص تھا ۔ ورنہ ہمار ا یہ مطلب نہیں ہوتا کہ صرف یہی مجدد ہیں باقی دنیا مجدّدین سے خالی رہی ہے ہر شخص جو الہام کے ساتھ تجدیدِ دین کا کام کرتا ہے وہ روحانی مجدّد ہے ۔ ہرشخص جو اسلام اور مسلمانوں کے لئے تجدید کا کوئی کام کرتا ہے وہ مجدّد ہے۔ چاہے وہ روحانی مجدّد نہ ہو ۔جیسے میں نے کئی دفعہ مثال دی ہے کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ایک دفعہ فرمایا کہ اورنگ زیبؒ بھی مجدّد تھا ۔حالانکہ کو خود الہام کا دعویٰ نہیں تھا ۔تو نبی کے فیوضِ روحانی کا زمانہ نبی کی زندگی میں ہی شامل ہوتا ہے اور اس لحاظ سے اگر دیکھا جائے تو فترت کا زمانہ بہت قلیل رہ جاتاہے ۔ گو بعض ممالک ایسے بھی ہیں جن پر فترت کا زمانہ کسی قدر لمبا نظر آتا ہے مگر ان ممالک کے ارد گرد بھی روحانی فیوض کا سلسلہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے برابر جاری تھا ۔ جیسے عرب کا ملک ہے ۔ اس پر فترت کا ایک لمبا دور آیا۔ گو بعض لوگ کہتے ہیں۔ اس عرصہ میں بھی اللہ تعالیٰ کے بعض انبیاء ان میں مبعوث ہوئے ۔چنانچہ سنان بن خالد کے متعلق کہا جاتاہے کہ وہ بھی نبی تھے اور اگر اس کو تسلیم کیا جائے تو اس طرح عرب پر بھی زمانہ فترت زیادہ عرصہ تک نہیں رہتا ۔ لیکن اگر مان بھی لیا جائے کہ ملک عرب پر فترت کا دور لمبے عرصہ تک رہا تو بھی یہ ایک حقیقت ہے کہ اہلِ عرب کے دائیں اور بائیں ایسے لوگ مبعوث ہوتے رہے تھے جو خدا تعالیٰ کی طرف لوگوں کو بلاتے اور نشانات کے ذریعہ اس کی ہستی کا ثبوت پیش کرتے ۔آخر یہ کوئی ضروری نہیں تھا کہ اہلِ عرب پر کسی ایسے نبی کے ذریعہ ہی اتمام حجت کی جاتی جو ان میں سے ہوتا ۔ جب دائود ؑ کے ذریعہ خدا ان پر ظاہر ہورہاتھا جب سلیمانؑ کے ذریعہ خدا ان پر ظاہر ہورہاتھا ۔جب عیسیٰ ؑ کے ذریعہ خدا ان پر ظاہر ہورہاتھاجب یحییٰ ؑ کے ذریعہ خدا ان پر ظاہر ہورہا تھا ۔جب ذوالقرنین کے ذریعہ جس سے مراد خورسؔ شاہ ایران ہے ان پر خدا ظاہر ہورہا تھا اوریہ وہ لوگ تھے جنہوں نے الہام کا دعویٰ کیا ۔اور یہ وہ لوگ تھے جو اہلِ عرب کے دائیں بائیں مبعوث ہوئے تو اس کے بعد اگر عرب میں کچھ وقفہ بھی ہوا تب بھی وہ یہ نہیں کہہ سکتے تھے کہ ہمیں پتہ نہیں شرک بری چیزہے ۔ کیونکہ خدا تعالیٰ کی وحدانیت کا عقیدہ باربار ان انبیا ء کے ذریعہ پیش کیا جا چکا تھا ۔ اوریہ انبیا ء وہ تھے جو اہلِ عرب کے دائیں بائیں مبعوث ہوئے اور جن کے حالات اور جن کی تعلیم سے وہ لوگ بے خبر نہیں ہوسکتے تھے ۔ اگر اس طرح ہم دیکھیں تو فترت کازمانہ بہت ہی قلیل رہ جاتا ہے جب خدا کا نور کہیں نظر نہ آتا ہو ۔اہلِ عرب پر بیشک فترت کا کچھ لمبا زمانہ نظر آتا ہے مگر اللہ تعالیٰ نے ایک طرف تو حضرت ابراہیم علیہ السلام کی دعا کی برکت کی وجہ سے اوردوسری طرف اہل عرب پر اس رحم کی وجہ سے کہ انہوں نے فترت کا ایک لمبا دور برداشت کیا تھا اپنے خاتم النبیین کو عربوں میں مبعوث فرما دیا اور اس طرح اس کمی کا ازالہ ہوگیا ۔ بہرحال لوگوں کے خلافِ توحید اعمال اس وجہ سے معاف نہیںہوسکتے کہ اللہ تعالیٰ کا کوئی نبی ان پر حجت قائم کرنے کے لئے مبعوث نہیں ہوا ۔کیونکہ اللہ تعالیٰ اس عذر کو ہمیشہ توڑتا رہتاہے اور وہ انبیا ء کے ذریعہ لوگوں پر حجت قائم کردیتا ہے خواہ یہ حجت انبیا ء کی جسمانی زندگی میں ہو خواہ ان کی فیضانی زندگی میں ہو۔ لیکن وہ لوگ جو نہ تو انبیا ء کی جسمانی زندگی کے زمانہ میں موجود ہوتے ہیں اور نہ ان کی فیضانی زندگی میں موجو د ہوتے ہیں ان کا معاملہ ایک جداگانہ نوعیت کا حامل ہوتا ہے ۔ چنانچہ احادیث میں آتا ہے کہ ایسے لوگوں کے پاس اللہ تعالیٰ قیامت کے دن دوبارہ اپنا رسول بھیجے گا۔اور پھر ان کی اطاعت کرنے والوں یا اس کا انکار کرنے والوں کو اپنے اپنے عمل کے مطابق جزاد ی جائے گی ۱؎ ۔ اس حدیث سے معلوم ہوتاہے کہ نبی کے زمانہ میں احکامِ الٰہی کی جو اہمیت ہوتی ہے وہ فترت کے زمانہ میں نہیں ہوتی ۔ جب کسی نبی کی فیضانی زندگی بھی ختم ہو چکی ہو یا اس فیضانی زندگی میں کوئی وقفہ پڑ چکا ہو جیسے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیاتِ فیضانی موجودتھی مگر چونکہ کوئی ایسا بندہ موجو دنہیں تھا جو بنی نوع انسان پر آپؐ کی روحانیت کا پر تو ڈالتا اور آپؐ کا نور اپنے آئینہ قلب میں جذب کر کے اس کی شعاعوں سے دوسروں کو منور کرتا اس لئے امت محمدیہ پر بھی فترت کا زمانہ آگیا ۔ مگر وہ فترت کا زمانہ بہت ہی تھوڑا تھا۔ آخر حضرت سید احمد صاحب شہید بریلویؓ کے وفات پاتے ہی انکے تمام شاگرد تو اپنے فرائض سے غافل نہیں ہوگئے تھے کہ یہ سمجھ لیا جائے کہ ان کی وفات کے ساتھ ہی فتر ت کا زمانہ شروع ہوگیا تھا ۔آپ کی شہادت ۶؍مئی ۱۸۳۱؁ء کو ہوئی ہے اور حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کو ۱۸۶۴؁ء کے قریب الہامات شروع ہوگئے تھے اور ۱۸۷۲؁ء میں آپ نے اسلام کی صداقت کے متعلق مضامین وغیرہ لکھنے شروع کردیئے تھے ۔گویا ابھی ایک انسانی عمر بھی نہیں گزری تھی کہ اللہ تعالیٰ نے ایک اور شخص کو لوگوں کی اصلاح کے لئے کھڑا کردیا یہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے زندہ نبی ہونے کا ایک نہایت ہی واضح اور کھلا ثبوت ہے اور بتاتا ہے کہ اسلام میں فترت کا زمانہ نہایت قلیل ہوتا ہے بلکہ بعض دفعہ تو صرف نام کے طورپر ہوتا ہے ورنہ ادھر ایک زمانہ ختم ہوتا ہے اور اُدھر تھوڑے سے وقفہ کے بعد ایک اور دور شروع ہوجاتا ہے اور اس طرح رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا فیضان دنیا میں ہمیشہ جاری رہتا ہے لیکن جن انبیا ء کی فیضانی زندگی ختم ہوجائے اور ان کے بعد بھی فترت کا دور لمبا ہوجائے ۔اس دور میں جو لوگ پیدا ہوتے ہیں ان کے متعلق شرعی احکام بالکل اور رنگ اختیا ر کرلیتے ہیں اور ان کے لئے مغفرت کی دعا بالکل جائز ہوتی ہے ۔
زیر تفسیر آیت میں جو مثال دی گئی ہے وہ ایک ایسے شخص کی ہے جو نبوت کے زمانہ میں تھا یعنی وہ حضرت ابرا ہیم علیہ السلام کا چچا تھا اور اس زمانہ میں موجود تھا ۔جب حضرت ابرا ہیم علیہ السلام نے توحید کی تعلیم لوگوں کے سامنے پیش کی ۔پس ایسا انسان جس کے سامنے ایک نبی اپنی تعلیم پیش کرتا ہے اور وہ پھر بھی شرک پر اصرار کرتا ہے بلکہ حضرت ابرا ہیم علیہ السلام کو بھی توحید سے پھرانے کی کو شش کرتا ہے اس کے متعلق یقینا اور احکام ہونگے ۔اور زمانہ فترت سے تعلق رکھنے والے لوگوں پر اور احکام نافذ ہونگے۔یہی وجہ ہے کہ حضرت ابرا ہیم علیہ السلام نے اپنے چچا کے متعلق تو مغفرت کی دعا کی واپس لے لی اور اس سے اپنی بیزاری کا اظہار کردیا مگر اپنے
۱؎ تفسیر رُوح المعانی جلد ۴صفحہ ۴۹۶۔
والدین کے متعلق انہوں نے بڑھاپے میں بھی دعا کی کیونکہ وہ زمانہ فترت میں انتقال کر چکے تھے ۔اور ان کے متعلق احکام ایک جداگانہ نوعیت کے حامل تھے۔اس کی ایسی ہی مثال ہے جیسے گذشتہ زمانہ میں جو مسلمان حیاتِ مسیح کے قائل رہے ہیں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃوالسلام نے ان کو بزرگ اور صالح قرار دیا ہے لیکن موجودہ زمانہ میں اس عقیدہ کو آپؑ نے عیسائیت کی مضبوطی کا موجب قرار دیا ہے ۔کیونکہ پہلے لوگوں کو علم نہیں تھاکہ یہ عقیدہ اسلام کے لئے کیسا خطرناک ہے مگر اب یہ حقیقت پوری طرح واضح ہو چکی ہے ۔ پس چونکہ حضرت ابرا ہیم علیہ السلام کے والدین زمانہ فترت میں انتقال کر چکے تھے آپ نے ان کی مغفرت کی دعا کی ۔اور چونکہ ان کا چچا توحید کی تعلیم سننے کے باوجود اپنے شرک پر مصر رہا آپ نے اس سے اپنی بیزاری کا اظہار کردیا ۔
حضرت ابرا ہیم علیہ السلام کے اَب کا نام قرآن کریم میں اٰزَر بتایا گیا ہے (سورہ انعام ع ۵)لیکن بائیبل کہتی ہے کہ اس کا نام تارا تھا (پیدائش باب ۱۱آیت ۲۷)عیسائی مستشرقین جو بائیبل کی ہر بات کو وحئی آسمانی سے کم نہیں سمجھتے بالعموم اعتراض کیا کرتے ہیں کہ قرآن کریم نے حضرت ابرا ہیم علیہ السلام کے باپ کا نام آزر قرار دے کر غلطی کی ہے ۔حالانکہ بائیبل نہ تو کوئی تاریخ کی کتاب ہے اور نہ ہی ہم پر حجّت ہے ۔اس کے اپنے بیانات اسقدر متضاد اور ایک دوسرے سے ٹکراتے ہیں کہ قرآن کریم کے مقابلہ میں اسے کسی طرح درست نہیں مانا جاسکتا۔بائیبل میں حضرت ابرا ہیم علیہ السلام کے باپ کا جو نام لکھا ہے وہ لکھنے والے ان کے وقت میں موجود نہ تھے بلکہ سوادو سال بعد میں پیدا ہوئے ۔پھر ان کی بات تاریخی لحاظ سے کیونکر صحیح مانی جاسکتی ہے۔ اور بائیبل کے بیانات کی جو حالت ہے وہ اس ایک مثال سے ہی ظاہرہے کہ بائیبل میں لکھا ہے۔حضرت موسٰی علیہ السلام کے ساتھ جو لوگ مصر سے نکلے تھے ان کی تعداد چھ لاکھ سے اوپر تھی(گنتی باب ۱آیت ۴۶) اور وہ یہ لوگ تھے جو لڑائی کے قابل تھے ۔اس لحاظ سے گویا کُل مرد عورتیں اور بچے چوبیس پچیس ۲۵لاکھ ہو گئے۔مگر یہ بالکل ناممکن ہے کہ سوادو سو سال میں بنی اسرائیل کی تعداد اسقدر بڑھ جائے ۔زیادہ سے زیادہ چار ہزار تک بڑھ سکتی ہے بشرطیکہ ان میں کوئی عورت بانجھ نہ ہو اور کوئی مرد نامرد نہ ہو۔گویا اگر نسل کی انتہائی ترقی مدّنظر رکھی جائے جو دنیا میں کسی قوم کو نہیں ہوئی ۔اور یہ تسلیم کر لیں کہ ہر چالیس سال میں ان کی تعداد دگنی ہوجاتی تھی تو حضرت موسٰی علیہ السلام کے زمانہ میں ان کی تعداد چار ہزار ہونی چاہیئے ۔مگربائیبل کہتی ہے کہ ان میں چھ لاکھ سے اوپر جوان لڑنے والے تھے ۔گویا اس وقت بنی اسرائیل کی تعدادچوبیس پچیس لاکھ کے قریب تھی۔یہ بات حضرت موسٰی علیہ السلام کے زمانہ کی بیان کی جارہی ہے۔مگر قرآن کریم دو ہزار سال کے بعد حضرت موسٰی علیہ السلام کے زمانہ کی یہ بات ان الفاظ میں بیان فرماتا ہے کہ ’’وَھُمْ اُلُوْفُ‘‘۔(بقرۃع ۳۲)وہ ہزاروں کی تعداد میں تھے۔اور یہ وہی تعداد ہے جو بنی اسرائیل کی زیادہ سے زیادہ نسل بڑ ھنے کے متعلق اندازہ لگا کر میں نے پیش کی ہے ۔ پس جس کتاب کی یہ حالت ہواُسے تاریخی کتاب کس طرح قرار دیا جا سکتا ہے ۔وہ تاریخ نہیں بلکہ قصوں اور کہانیوں کی کتاب ہے ۔اگر ہم اس کا احترام کرتے ہیں تو اس لئے کہ خدا تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ وہ حضرت موسٰی علیہ السلام پر نازل ہوئی تھی۔ورنہ اس میں اتنا بگاڑ پیدا ہو چکا ہے کہ اباس کی کسی بات پر اعتماد نہیں کیا جاسکتا پھر تورات کہتی ہے کہ حضرت ہارونؑ نے شرک کیا ۔اور اپنے ہاتھ سے پرستش کے لئے بچھڑا بنایا ۔مگر قرآن کریم کہتا ہے کہ حضرت کہ حضرت ہارونؑ نے شرک نہیں کیا بلکہ انہوں نے دوسروں کو روکنے کی کوشش کی اور یہی بات ایک نبی کی شایان شان ہے ۔
غرض جبکہ بائیبل کی کئی باتیں تاریخ لحاظ سے غلط ہیں تو یہ کس طرح کہاجاسکتاہے کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کے باپ کا بائیبل نے جو نام بتایا ہے وہ غلط ہے ۔ اگر بائیبل کا بیان کلی طور پر درست ہوتا تو حضرت ابراہیم علیہ السلام کے باپ کا نام تاراؔ ہی ہوتا تو طالمود ؔ میں ا س کے باپ کا نام زارا کیوں لکھا جاتا ۔ اور جوزیفس ؔ جو مشہور یہودی مؤرخ ہے وہ اس کا نام آتھر یعنی آذر کیوں بتاتا (ترجمۃ القرآن از سیلؔ صفحہ ۹۵)یہ اختلاف جو خود یہودیوں کے اندر پایا جاتا ہے ۔ اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کے باپ کے نام کے متعلق اختلاف تھا ۔ اور چونکہ قرآن کریم کا نزول اسی لئے ہوا کہ وہ پہلی الہامی کتا ب کے پیدا کردہ اختلافات کو دور کرے اس لئے اس نے اس اختلاف کودور کردیا اور بتادیا کہ اس کا نام آذر ہی تھا۔ لیکن یہ بھی ممکن ہے کہ تارا سے ہی قرآن کریم نے آذر بنا لیاہو ۔کیونکہ تؔ زؔ سے بدل جاتی ہے ۔ اور قلب کے ذریعہ الف پہلے آجاتاہے معلوم ہوتا ہے عربوں کی زبان پر تارا کا لفظ نہیں چڑھنا تھا ۔انہوں نے تارا کو زارا بنا لیا اور پھر زارا سے آذر بن گیا ۔ چونکہ قرآن کریم عموماً معرّب نام استعمال کرتا ہے ۔جیسے ابراہامؔ کو ابراہیم۔ اور یسوعؔ کو عیسیٰ اور یوحنا ؔ کو یحییٰ اور حنوک ؔ کو ادریس کہا گیا ہے ۔ اسی طرح تاراکو زارا کہہ دیا گیا ہے ۔پس یہ کوئی اعتراض کی بات نہیں۔ پھر سوال یہ ہے کہ ہم تو یہ تسلیم ہی نہیں کرتے کہ اس جگہ اَب سے ان کا حقیقی باپ مراد ہے ۔ ہم تو یہ کہتے ہیں کہ اس جگہ اَب کا لفظ چچا کے معنوں میں استعمال کیا گیا ہے اسی لئے دوسرے مقام پر جب انہو ں نے اپنے والدین کے لئے دعا کی تو وہاں اَب کی بجائے والد کا لفظ استعمال کیا ۔پس جبکہ ہم آذر ان کے چچا کا نام سمجھتے ہیں تو بائیبل میں اگر ان کے باپ کا نام تارا آگیا ہے تواس سے قرآن کریم پر کیا اعتراض پڑ سکتا ہے ۔اگر بائیبل ان کے چچا کانام تارا بتا تی تب تو یہ اعتراض ہوسکتا تھا ۔ لیکن بائیبل تو ان کے حقیقی باپ کا نام تاراؔ بتا تی ہے اور قرآن کریم ان کے چچا کانام آذر ؔ بتاتا ہے ان دونوںکا آپس میں کوئی تعلق ہی نہیں کہ ایک نام کو دیکھ کر دوسرے نام پر اعتراض کردیا جائے ۔ اس کی مزید تائید اس امر سے بھی ہوتی ہے کہ بائیبل حضرت سارا کو جوحضرت ابراہیم علیہ السلام کی بیوی تھیں تارہؔ کی بیٹی قرار دیتی ہے ۔ (پیدائش باب ۲۰آیت ۱۲)اگر تارہ کو انکا حقیقی با پ سمجھا جائے تو اس کے معنے یہ بنتے ہیں ۔کہ آپ نے اپنی سگی بہن سے شادی کی حالانکہ بہن سے شادی کرنا ناجائز تھا ۔ اس سے بھی معلوم ہوتا ہے کہ دراصل وہ باپ نہیں بلکہ چچا تھا ۔ مگر چونکہ ان کی پرورش اپنے چچا کے گھر میں ہی ہوئی تھی اس لئے لوگوں کو غلطی لگ گئی اور انہوں نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کو تاراؔ کی طرف منسوب کرنا شروع کردیا ۔ اورپھر مؤرخین نے بھی اسے آپ کا باپ قرار دے دیا ۔ اس مقام پر بھی طالمودؔ نے بائیبل کی اصلاح کی ہے اور بتایا ہے کہ حضرت ساراؔ ان کے بھائی کی بیٹی تھیں۔ انکی حقیقی بہن نہیں تھیں پھر طالمود ؔ میں یہ بھی لکھا ہے کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے جب بتوں کے خلاف آواز بلند کی تو آذر نے تنگ آکر بادشاہ کے پا س اُ ن کی شکایت کی اور انہیں سزا دلوانے کی کوشش کی ۔ اس فعل کی بھی عقلی لحاظ سے ایک باپ سے توقع نہیں کی جاسکتی ۔ پس یہ تما م قرائین اس بات کو ثابت کرتے ہیں کہ اس جگہ اَب سے ان کاچچا ہی مراد ہے اور بائیبل سے نام کا اختلاف کوئی قابلِ اعتراض امر نہیں۔
پھر فرماتے ہیں وَلَا تُخْزِنِیْ یَوْمَ یُبْعَثُوْنَ ۔ یَوْمَ لَا یَنْفَعُ مَالٌ وَّلَا بَنُوْنَ ۔ اِلَّا مَنْ َتَیْ اللہَ بِقَلْبٍ سَلِیْمٍ۔ یعنی اے میرے رب! مجھے اس دن کی رسوائی سے محفوظ رکھیؤ جس دن تمام لوگ اپنے اپنے اعمال کی جوابدہی کے لئے اٹھائے جائیں گے اور جس دن نہ انسان کو اس کا مال نفع دے گا اور نہ اس کے بیٹے اس کے کسی کام آئیں گے ہاں وہی شخص فائدہ میں رہے گا جو اللہ تعالیٰ کے پاس ایک پاک اور بے عیب اور مطمئن دل لے کر حاضر ہوگا ۔یہ ظاہر ہے کہ دل تبھی مطمئن ہوتا ہے جب انسان کو یقین ہو کہ اس نے اپنی پیدائش کے مقصد کو حاصل کر لیا ہے اور اسے اپنے انجام کے متعلق کوئی اضطراب لاحق نہ ہو مگر یہ یقین اللہ تعالیٰ کے تعلق کے بغیر حاصل نہیں ہو سکتا پس قلبِ سلیم در حقیقت اُسی شخص کو میسر آتا ہے جو اللہ تعالیٰ کے ساتھ اپنا تعلق قائم کر لیتاہے ورنہ ظاہری مال ودولت کسی انسان کو مطمئن نہیں کرسکتی ۔یورپین قوموں کو دیکھ لو۔مال ودولت کے لحاظ سے دنیا کی کوئی قوم ان کا مقابلہ نہیں کرسکتی۔مگر ہر قسم کی طاقت اور جتھے اور مال کے باوجود ان کے اندر ایک احساس کمتری پیدا ہورہا ہے اور وہ یہ سمجھتے ہیں کہ کوئی چیز ایسی ہے جو ان کے پاس نہیں بلکہ ایشیائیوں کے پاس ہے ۔یہ احساس کمتری ابھی ان میں اتنا نمایاں نہیں کہ بڑوں اور چھوٹوں سب لوگوں میں پایا جائے لیکن تاہم ان کے اندر ایک طبقہ ایسا پیدا ہوگیا ہے جو سمجھتا ہے کہ ان کے پاس دولت بھی ہے مال بھی ہے لیکن انہیں دل کا چین نصیب نہیں ۔وہ لوگ شرابیں پیتے ہیں ۔سینما دیکھتے ہیں ۔ناچ اور گانوں میں دن رات کا ایک بڑ احصّہ بسر کرتے ہیں ۔لیکن جب نشہ اتر جاتا ہے اور وہ چارپائی پر جا کر لیٹتے ہیں تو انہیں یوں معلوم ہوتا ہے کہ ان کے اندر کوئی خلا پایا جاتا ہے۔اور وہ خلا سوائے تعلق باللہ اور دین کے اور کوئی چیز پُر نہیں کر سکتی ۔دنیا کی ہر نعمت کو حاصل لینے کے بعد ان کے اندر یہ بے چینی ہوتی ہے کہ کوئی چیز ایسی ہے جو انہیں حاصل نہیں اور وہ انہیں حاصل ہونی چاہیئے۔دراصل خدا تعالیٰ کی محبت اور اس کا وصال ایک ایسی نعمت ہے کہ جب وہ کسی شخص کو میسر آجاتی ہے تو دنیا کے سارے غم مٹ جاتے ہیں اور اسے کوئی حسر ت باقی نہیں رہتی ۔عارضی غم بے شک آتے ہیں ۔مثلاً اگر کسی شخص کو کانٹا چبھ جائے تو اس کے نتیجے میں اسے درد تو ہوتا ہے لیکن اسے کوئی شخص بیماری نہیں کہہ سکتا ۔اسی طرح عارضی تکلیفیں اور غم تو ایسے انسان پر بھی آتے ہیں ۔لیکن یہ غم ان کے راستہ میں روک نہیں بنتے اور اپنے اپنے درجہ کے مطابق انہیں اطمینان اور سکون حاصل رہتا ہے ۔اسی لئے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں کہ انسانی جسم میں گوشت کا ایک لوتھڑا ہے جب وہ ٹھیک ہو جاتا ہے تو سارا انسانی جسم ٹھیک ہوتا ہے اور جب وہ خراب ہوجاتا ہے تو سارا انسانی جسم خراب ہوجاتاے ۔پھر فرمایا اَلآوَھِیَ الْقَلْبُ ۔سنو وہ گوشت کا لوتھڑا دل ہے۔
بعض لوگوں نے خصوصاً اس زمانہ کے سائینسدانوں اور تشریح الابدان والوں نے کہا ہے کہ وہ چیز جو انسانی اعمال،افعال اور ارادوں اور خواہشات کو مضبوط کرتی ہے اور انہیں ایک نظام کے نیچے لاتی ہے وہ دل نہیں بلکہ دماغ ہے ۔اور سائنس والوں سے ڈرکر بعض مسلمان علماء نے بھی قرآن کریم کی بعض آیات کی ایسی تفسیر شروع کردی ہے جس سے یہ نکلتا ہے کہ قلب سے مراد قلبِ انسانی نہیں بلکہ اس سے مراد محض وہ مقام ہے جو انسانی جسم پر حکومت کرتا ہے چاہے وہ دماغ ہی ہو۔ لیکن میرے نزدیک یہ توجیہہ محض ہی ڈر کی وجہ سے کی گئی ہے ۔ورنہ جہاں تک قرآن کریم پر غور کرنے سے معلوم ہوتا ہے میرے نزدیک قلب سے مراد وہی چیز ہے جو سینہ میں ہوتی ہے اور اس چیز کو دماغ قراردینا محض دھینگا مُشتی ہے ۔ بہرحال اس حدیث سے ظاہر ہے کہ انسانی اعمال کی صفائی دل کی صفائی کے ساتھ وابستہ ہے ۔تم اپنے ہاتھو ں کی صفائی کرکے پاک نہیں ہوسکتے ۔ تم اپنے منہ کی صفائی کرکے پاک نہیں ہوسکتے ۔ کیونکہ پاکیزگی کا منبع دل ہے ۔ لیکن اگر تم اپنے دل کی صفائی کرلو تو اللہ تعالیٰ کے حضور تم ایک معمئن دل لے حاضر ہو گے ۔ ہمار اخالق اور مالک جس نے مخلوق کو پاکیزگی کے حصول کیلئے پیدا کیا ہے اسکے نزدیک سب سے مقدم دلوں کی پاکیزگی ہے ۔ کیونکہ تقویٰ کا درخت صرف اسی زمین پر پرورش پاسکتا ہے جو پاک اور صاف ہو۔ ناپاک دل اس کی صفات کا جلوہ گاہ نہیں ہوسکتا اور نہ پاک ہاتھ اس کے عرش کے پائے کو چھُو سکتے ہیں۔
وَاُزْلِفَتِ الْجَنَّۃُ لِلْمُتَّقِیْنَ٭
او جس دن جنت متقیوں کے قریب کردی جائے گی ۔
وَبُرِّزَتِ الْجَحِیْمُ لِلْغٰوِیِنَ٭
اور گمراہوں کیلئے دوذخ پر سے پردے اٹھا دیئے جائیں گے ۔
وَقِیْلَ لَھُمْ اَیْنَمَا کُنْتُمْ تَعْبُدُوْنَ٭
اور کہاجائے گا کہ کہاں ہیں جن کی تم اللہ کے سواکے عبادت کرتے تھے ۔
مِنْ دُوْنِ اللّٰہِ۔ ھَلْ یَنْصُرُوْنَکُمْ اَوْیْنْتَصِرُوْنَ٭
کیا وہ تمہاری مدد کرسکتے ہیں ؟یا تمہارا بدلہ لے سکتے ہیں ؟
فَکُبْکِبُوْا فِیْھَا ھُمْ وَالْغَاوٗنَ٭وَجُنُوْدُ اِبْلِیْسَ اَجْمَعُوْنَ٭
پس اس وقت وہ (جھوٹے معبود اور کافر) اور گمراہ اور کے لشکر سارے کے سارے اس (دوذخ) میں اوندھے منہ گرادیئے جائیں گے ۔
قَالُوْا وَھُمْ فِیْھَا یَخْتَصِمُوْنَ٭
وہ آپس میں جب کہ وہ اُس (یعنی جہنم) میں جھگڑ رہے ہوں گے کہیں گے۔
تَااللّٰہِ اِنْ کُنَّا لَفِیْ ضَلٰلٍ مُّبِیْنٍ٭
خدا کی قسم ہم کھلی کھلی گمراہی میں پڑے ہوئے تھے ۔
اِذْ نُسَوِّ یْکُمْ بِرَبِّ الْعٰلَمِیْنَ٭
جب کہ ہم تم کو فرب العالمین خدا کے برابر درجہ دیتے تھے ۔
وَمَآ اَضَلَّنَآ اِلَّا الْمُجْرِمُوْنَ٭
اور ہم کو تو مجرموں نے ہی راستہ بھٹکا دیا تھا ۔
فَمَا لَنَا مِنْ شَافِعِیْنَ ٭
پس (آج) شفاعت کرنے والوں میںسے کوئی ہماری شفاعت نہیں کرتا ۔
وَلَا صَدِیْقٍ حَمِیْمٍ٭
اور نہ ہمارا کوئی غمخوار دوست ہے ۔
فَلَوْ اَنَّ کَرَّۃً فَنَکُوْنَ مِنَ الْمُوْمِنِیْنَ ٭
پس اگر ہمیں لوٹنے کی طاقت ہوتی تو ہم (لوٹ کر) ضرور مومنوں میں (شامل)ہوجاتے ۔
اِنَّ فِیْ ذٰلِکَ لَاٰیَۃً ۔ وَ مَا کَانَ اَکْثَرُھُمْ مُّوْمِنِیْنَ٭
اس (واقعہ ) میں ایک بہت بڑا نشان ہے لیکن ان (کافروں )میں اکثر ایمان نہیں لاتے ۔
وَاِنَّ رَبَّکَ لَھُوَ الْعَزِیْزُ الرَّحِیْمُ٭
اور تیرا رب یقینا غالب (اور )باربار رحم کرنے والا ہے ۔۱۹؎
۱۹؎ حل لغات :۔اُزْلِفَتْ: اَزْلَفَ سے مؤنث کا فعل مجہول کا صیغہ ہے اور اَزْلَفَ کے معنے ہیں قَرَّبَہٗ ۔ اس کے قریب کیا (اقرب) پس اُزْلِفَتِ لْجَنَّۃُ کے معنے ہونگے ۔ جنت قریب کردی جائے گی ۔
بُرِّ زَتُ: بَرَّزَ سے مؤنث کا فعل مجہول کا صیغہ ہے اور بَرَّزہٗ کے معنے ہیں اَظْہَرَہٗ وَبَیَّنَہٗ کسی چیز کو ظاہر اورواضح کردیا (اقرب) پس بُرِّزَتْ کے معنے ہونگے ظاہر کر دی جائے گی ۔
اَلْجَحِیْمُ: اَلنَّارُ الشَّدِیِدَۃُ التَّاَجُّجِ۔ یعنی جحیم کے معنے سخت بھڑکنے والی آگ کے ہیں ۔ نیز اس کے معنے ہیں ۔ کُلُّ نَارٍ عَظِیْمَۃٍ فِیْ مَھْوَاۃٍ فَھِیَ جَحِیْمٌ یعنی ہر وہ بڑی آگ جو گڑھے میں ہو۔ اَلْمَکَانُ الشَّدِیْدُ الْحَرِّ۔ سخت گری والی جگہ ۔اِسْمٌ مِنْ اَسْمَآئِ جَھَنَّمَ ۔جہنم کے ناموں میںسے ایک نام جحیم بھی ہے (اقرب)
کُبْکِبُوْا: کَبْکَبُ سے جمع مذکر کا مجہول کا صیغہ ہے اور کَبْکَبَہٗ کے معنے ہیں قَلَّبَہٗ وَصَرَعَہٗ ۔ اس کو پچھا ڑدیا اور شکست دے دی ۔ اور جب کَبْکَبَ الشَّیْئَ کہیں تو معنے ہونگے رَمَاہُ فِیْ الْھُوَّۃِ۔ اس کو گڑھے میں پھینک دیا ۔(اقرب) پس کُبْکِبُوْا کے معنے ہونگے ۔(۱)ان پچھاڑ دیا جائے گا ۔(۲)ان کو گڑھے میں پھینک دیا جائے گا ۔اَلْغَاوٗنَ: اَلْغَاوِیْ کی جمع ہے جو غَوَیٰ سے اسم فاعل کا صیغہ ہے۔ اور غَوَی الرَّجُلُ کے معنے ہیں ۔ گمراہ ہوگیا خَابَ۔ ناکا م ہوگیا ۔اِنْھَمَکَ فِی الْجَھْلِ۔ جہالت میں لگ گیا ۔ ھَلَکَ ۔ہلاک ہوگیا ۔ پس اَلْغَاوِیْ کے معنے ہونگے گمراہ ہونے والا۔ ناکام ہونے والا۔ جہالت کے کاموں میں مشغول ہونے والا ۔ ہلاک ہونے والا ۔
جُنُوْرٌ: جُنْدٌ کی جمع ہے اور اَلْمُنْدُ کے معنے ہیں اَلْعَسْکَرُ۔ لشکر ۔اَلْاَعْوَانُ ۔مددگار (اقرب)
نُسَوِّیْکُمْ : سَوَّی سے فعل مضارع کا جمع متکلم کا صیغہ ہے اورسَوَّاہُ بِہٖ کے معنے ہیں عَدَّلَ ۔کسی کو کسی کے برابر قرار دیا (اقرب) پس اِذْ نُسَوِّیْکُمْ کے معنے ہوں گے جب ہم تم کو برابر قراردیتے تھے ۔
حَمِیْمٍ:اَلْقَرِیْبُ الَّذِیْ تَھْتَمُّ بِاَمْرِہٖ ۔ وہ قریبی جس کے کاموں کی سرانجام وہی کی فکر رہتی ہو۔ اَلصَّدِیْقُ دوست (اقرب)
کَرَّۃٌ: کَرَّ سے مصدر ہے ۔ اور کَرَّ کے معنے ہیں رَجَعَ۔ لوٹا (اقرب) پس کَرَّۃٌ کے معنے ہیں ایک دفعہ لوٹنا ۔
تفسیر:۔ فرماتا ہے ۔ اس دن جنت متقیوں کے قریب کردی جائے گی ۔ یعنی متقی جوں جوں نیک کام کرتا چلاجاتا ہے نیکی اس پر آسان ہوتی چلی جاتی ہے ۔میں نے بالعموم دیکھا ہے کہ جب کسی کو نیکی کی لذّت حاصل ہوجائے تو اس کے بعد وہ بجائے پیچھے ہٹنے کے آگے بڑھتا ہے اور ایک کے بعد دوسری اور دوسری کے بعد تیسری نیکی اس کے لئے آسان سے آسان تر ہوجاتی ہے ۔
پارٹیشن سے پہلے میں ایک دفعہ دہلی گیا ۔ چوہدری ظفر اللہ خان صاحب اس وقت تک ابھی وزیر نہیں بنے تھے ۔ویسے وہ حکومت کی طرف سے ایک خاص مقدمہ کی پیروی کیلئے مقرر تھے ۔ اُن دنوں ہندوستان کی حکومت نے انگلستان سے مالیات کے ایک ماہر کو منگوایا تھا تاکہ بعض اہم باتوں میں اس کا مشورہ لیا جاسکے ۔ چوہدری صاحب نے اسے مجھ سے ملانے کے لئے دعوت دی ۔ اس نے اور چیزوں کے علاوہ گلاب جامن یا رس گلے بھی رکھ دیئے ۔اس شخص کے لئے یہ بالکل ایک نئی چیز تھی وہ انہیں دیکھ کر گھبراگیا ۔ مگر چوہدری صاحب نے کہا۔ اس کھاکر دیکھو ۔ چنانچہ اس نے ایک گلاب جامن یا رس گلا ٹھا کر کھایا ۔چوہدری صاحب نے پھر ایک گلاب جامن یا رس گلا اسے دیا ۔ اس نے پھر گریز کیا تو چوہدری صاحب نے ا س سے کہا کہ تم نے پہلا گلاب جامن یا رس گلا تو عجوبہ کے طور پر کھایا تھا ۔ اب دوسرا گلاب جامن یا رس گلا اس کے مزے کی وجہ سے کھائو ۔ میں نے چوہدری صاحب سے کہا کہ آپ نے یہ کیا بات کہی ہے ۔ انہوں نے بتا یا کہ انگریزی میں یہ محاورہ ہے کہ پہلی چیز عجوبہ کے طور پر ہوتی ہے اور دوسری چیز اس کے مزے کی وجہ سے استعمال کی جاتی ہے ۔ یہ تو ایک دنیوی ضرب المثل ہے لیکن میں نے روحانیت میں بھی دیکھا ہے کہ پہلے چسکہ لگانے کی ضرورت ہوتی ہے ۔ پھر خود بخود عادت پڑجاتی ہے ۔ ٹنکچرز جو الکوحل سے تیا ر ہوتی ہیں بچے اور جوان ا ن کے پینے سے گھبراتے ہیں لیکن یورپ میں لوگ شراب تک مزے لے لے کر پیتے ہیں۔ اور روکنے کے باوجود اسے نہیں چھوڑتے ۔ امریکہ میں جب شراب نوشی کے انسداد کے لئے قانون وضع کیا گیا تو ہزار ہا موتیں وہاں صرف اس وجہ سے واقع ہوئیں کہ لوگ شراب پینے کے شوق میں سپرٹ پی لیتے ۔ سالہاسال ایسا ہوتا رہا کہ چونکہ لوگوں کو پینے کیلئے شراب نہیں ملتی تھی اس لئے سپرٹ پی لیتے تھے اور سپرٹ میں چونکہ زہریلی چیزوں کی آمیزش ہوتی ہے اس لئے کئی اندھے ہوجاتے اور کئی مرجاتے ۔ مگر پھر بھی وہ اپنی خواہش کو نہ روک سکتے ۔ پس ہر چیز کے دومزے ہوتے ہیں ایک توا س کا ذاتی مزاہوتا ہے اور دوسرا مزا عادت کے نتیجہ میں ہوتاہے ۔ ہمارے ملک میں لوگ پان میں زردہ کا استعمال کرتے ہیں ۔ لیکن جس نے پہلے زردہ استعمال نہ کیا ہو اگر زردہ کھا لے تو اس کے سر میں چکر آنے لگتاہے مجھے یاد ہے ایک دفعہ نقرس کی تکلیف ہوئی ۔ ایک دوست جو ہندوستا ن کے تھے انہوں نے کہا ۔ آپ پان میں زردہ ڈال کر کھائیں ۔ درد ہٹ جائے گی ۔ میںنے کہا ۔ میں نے تو زردہ کبھی نہیں کھایا ۔ اس لئے اگر میں نے زردہ کھایا تو سرمیں چکر آجائے گا ۔ انہوں نے کہا نہیں آپ استعمال تو کریں ۔ چنانچہ انہوں نے پان میں زردہ ڈال کر مجھے دیا اورمیںنے کھا لیا ۔اس سے درد میں واقعہ میں کچھ کمی ہوگئی چند گھنٹوں کے بعد انہوں نے پھر مجھے پان میں زردہ ڈال کے دیا ۔ غرض دو دن ہم سفر میںرہے اور دونوں دن برابر وہ مجھے پان میں زردہ ڈال کردیتے رہے ۔ دودن کے بعد میں نے دیکھا کہ درد کی تکلیف کم ہونے لگی ہے تب میں نے اس اسے چھوڑ دیا کہ کہیں اسکی عادت ہی نہ پڑجائے غرض بڑی تکلیف دہ اور بد مزہ چیزیں بھی اگر علاج کے طورپر استعمال کی جائیں توا ن کی عادت پڑ جاتی ہے اور اچھی معلوم ہونے لگتی ہیں ۔ اور جب ادنیٰ چیزوں کی عادت پڑ جاتی ہے تو دین کی قربانی کی عاد ت کیوں نہیں پڑ سکتی ۔ ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ انسان کو ایک دفعہ قربانی کیلئے آگے لایا جائے اسکے بعد خود بخود اس کے اندر ذوق پیدا ہوجاتا ہے ۔اور اسے دین کے کاموں میں ایسی لذت آنے لگتی ہے کہ ان کو ایک لمحہ کے لئے بھی چھوڑنا اس کے لئے ناقابل ِبرداشت ہو جاتا ہے ۔اسی طرح ایک انسان کو روٹی نہیں ملتی تو وہ چلاتا ہے اور خدا تعالیٰ کے حضور گڑگڑاتا ہے کہ اے خدایا مجھے روٹی دے ۔اسی طرح اگر اسے اشاعت ِدین کی توفیق ملتی ہے تو وہ خدا تعالیٰ کا ممنون ہوتا ہے اور اس کا شکر ادا کرتا ہے ۔اور اگر کسی وقت اسے دین کی خدمت کی توفیق نہیں ملتی تو وہ خدا تعالیٰ کے حضور گڑگڑاتاہے کہ وہ اپنی کمزوری کو دور کرے اور اس کے اندر دینی خدمات بجا لانے کی زیادہ سے زیادہ طاقت پیدا کرے۔اس طرح قدم بقدم نیکی اس پر آسان ہوتی جاتی ہے اور جنت اس کے قریب ہوتی چلی جاتی ہے لیکن سچائی سے منحرف لوگوں کی یہ کیفیت ہوتی ہے کہ ان کے لئے دینی قربانیاں جوایک مومن کے لئے بالکل آسان ہوتی ہیںآگ کے شعلوں کا سا رنگ اختیار کر لیتی ہیں ۔اور وہ ان سے دور بھاگتے ہیں اور اپنے آپ کو ان سے بچانے کی کوشش کرتے ہیں ۔گویا مومن اللہ تعالیٰ کی رضا کے لئے قربانیوں کی آگ میں اپنے آپ کو جھونک دیتے ہیں ۔اور وہ آگ ان کے لئے گلزار بن جاتی ہے لیکن ایک منافق اور ایک گمراہ انسان کو وہی آگ جہنم کا ایندھن بنا دیتی ہے ۔کیونکہ اس وقت اس کی بے ایمانی پر جو پڑدہ پڑاہوتا ہے وہ اُٹھ جاتا ہے۔
اسی طرح اُزْلِفَتِ الْجَنَّتُ لِلْمُتَّقِیْنَ میں یہ بھی خبر دی گئی ہے کہ آخری زمانہ میں جنت متقیوں کے قریب کردی جائے گی۔یعنی اللہ تعالیٰ ایسے سامان پیدا کردے گا ۔کہ مذہبی باتیں لوگوں کی سمجھ میں آنے لگ جائینگی اور سائنس جو مذہب کی مخالفت کررہی ہوگی اس کی مخالفت آپ ہی آپ ختم ہوجائے گی اس طرح متقی لوگوں کے لئے جنت کا حصول آسان ہوجائے گا ۔چنانچہ ہم دیکھتے ہیں کہ موجودہ زمانہ میں یہ پیشگوئی پوری ہورہی ہے اور احرارِ یورپ میں سے کچھ تو آہستہ آہستہ اپنے بلند بانگ دعا وی کو چھوڑ رہے ہیں ۔اور کچھ ان باتوں کو جو اس سے قبل انہیں غیر قدرتی نظر آتی تھیں قانون ِقدرت میں شامل کرکے مذہب کی طرف آرہے ہیں گویا دَنَافَتَدَلّٰی کی سی کیفیت پیدا ہورہی ہے ۔یعنی سائینس دان اوپر کی طرف چڑھ رہا ہے ۔اور علماء نے جو مبالغہ کا رنگ مذہب پر چڑھا دیا تھا وہ اتارا جارہا ہے ۔اور اس ح دنیاخدائی باتوں کی تصدیق کے لئے تیار ہورہی ہے اور جنت ان کے قریب جارہی ہے ۔مگر ایسے زمانہ میں بھی جولوگ خدائی ہدایت کو قبول کرنے سے اعراض کرتے ہیں انہیں اعمال کی جواب دہی کے لئے خدا تعالیٰ کے سامنے حاضر ہونا پڑے گا ۔تب ان سے کہا جائے گا کہ اَیْنَمَاکُنْتُمْ تَعْبُدُوْنَ مِنْ دُوْنِ اللّٰہِ ھَلْ یَنْصُرُوْنَکُم اَوْنَنْتَصِرُوْنَ وہ تمہارے معبود کہاں ہیں جن کے آستانہ پر تم سر جھکاتے تھے اور جنہیں اپنا خدا سمجھا کرتے تھے ۔آج بتائوکہ کیا وہ تمہاری کچھ بھی مدد کر سکتے ہیں یا تمہارا بدلہ لینے کی کوئی طاقت رکھتے ہیں ۔جب وہ اپنی آنکھوں سے اس انجام کو دیکھ لیںگے تو وہ بھی اور ان کے معبود بھی اور تمام ابلیسی لشکر بھی دوذخ میں اوندھے منہ گرا دیئے جائیں گے ۔ اور ان کی تمام عزتیں خاک میں مل جائیں گی ۔تب وہ آپس میں جھگڑنا شروع کردیں گے اور وہ لوگ جو دنیا میں اپنے لیڈروں کی اندھی تقلید کرتے رہے اور خدا تعالیٰ کی آواز پر انہو ں نے کان نہ دھرا۔ وہ ان سے کہیں گے کہ خدا کی قسم ہم تو بڑی غلطی میں مبتلا رہے ۔ جب کہ ہم تمہیں رب العالمین کے برابر درجہ دیتے رہے اورہم نے تمہاری باتوں پر کان دھرا مگر خدا تعالیٰ کی طرف سے جو منادی آیا۔ اس کی آواز کو ہم نے نہ سنا مگر پھر وہ اپنے دلوں کو تسلی دینے کے لئے کہیں گے ۔ اس میں ہمار ا کیا قصور ہے ۔وَمَا اَضَلَّنَآ اِلَّا الْمُجْرِمُوْنَ ہمیں تو ان مجرموں نے ہی صحیح راستہ سے بھٹکایا ہے ۔ اگر یہ لوگ ہماری راہ میں روک بن کر کھڑے نہ ہوجاتے تو آج یہ ہمار ا حشر کیوں ہوتا ۔ یہ توہم سے کہا کرتے تھے کہ ہم تمہارے سب بوجھ اٹھائیں گے اور تمہیں جنت میں پہنچا دیں گے آج یہ حالت ہے کہ فَمَا لَنَا مِنْ شَافِعِیْنَ وَلَا صَدِیْقٍ حَمِیْمٍ۔نہ آج شفاعت کرنے والوں میں سے کوئی ہماری شفاعت کرتا ہے اور نہ کوئی دوست اور غمخوار ہمیں اس مصیبت سے چھڑاتاہے۔
حضرت خلیفہ اوّل رضی اللہ عنہ فرمایا کرتے تھے کہ ہماری ایک بہن تھی جو کسی پیر کی مرید تھی۔وہ ایک دفعہ قادیان مجھے ملنے کے لئے آئی ۔تو میں نے کہا بہن تم احمدی کیوں نہیں ہوتیں۔ وہ کہنے لگی مجھے احمدی بننے کی کیا ضرورت ہے ۔میں نے فلاں پیر صاحب کی بیعت کرلی ہے اور انہوں نے مجھے کہہ دیا ہے کہ اب تمہیں کسی نیکی کی ضرورت نہیں جو جی میں آئے کرو ۔ تمہارے سب گناہ ہم نے اٹھا لئے ۔ میں نے کہا۔ اب جب پیر صاحب نے ملو گی تو ان سے پوچھنا کہ قیامت کے دن جب ایک ایک شخص کو گناہوں کی وجہ سے جوتیا ں پڑنی ہیں تو کبھی آپ نے یہ بھی سوچاکہ آپ جنہوں نے اپنے سب مریدوں کے گناہ اٹھا لئے ہیں آپ کو کتنی جوتیا ں پڑیں گی ۔ اچھا میں یہ بات ان سے ضرور دریافت کروں گی ۔ چنانچہ کچھ عرصہ کے بعد جب وہ دوبارہ آپ سے ملنے کے لئے آئی تو آپ نے پوچھا۔کہ بہن پیر صاحب سے وہ بات پوچھی تھی ۔وہ کہنے لگی ۔ ہاں میں نے پوچھی تھی مگر وہ تو انہوں نے فوراً حل کردی ۔ میں کہا کس طرح ؟ کہنے لگی ۔جب میں نے یہ سوال کیا تو پیر صاحب کہنے لگے ۔ دیکھو جب فرشتے تم سے پوچھیںکہ تم نے فلاں فلاں گناہ کیوں کئے توکہہ دینا کہ مجھے اس کا کچھ پتہ نہیں۔ یہ پیر صاحب کھڑے ہیں ان سے پوچھو ۔ اس پر وہ تمہیں چھوڑ دیں گے ۔ تم اطمینان سے جنت میں چلی جانا ۔ میں نے کہا۔ پیر صاحب! پھر آپ کا کیا بنیگا کہنے لگے ۔جب وہ مجھ سے پوچھیں گے تو میں اپنی لال لال آنکھیں نکال کر کہوں گا کہ بلا میں ہمارے نانا امام حسین ؓنے جو قربانی کی تھی کیا وہ کافی نہیں تھی کہ آج پھر ہمیں تنگ کیا جاتا ہے اور کہاجاتا ہے کہ بتائو تم نے کیا کیا ؟اس پر فرشتے شرمندہ ہوکر ایک طرف ہوجائیں گے اورہم ڈگر ڈگر کرتے ہوئے جنت میں چلے جائیں گے ۔
اس طرح دنیا میں روزانہ ہمیں یہ نظارہ نظرآتا ہے کہ لوگ اپنے دوستوں کی خاطر جھوٹ بولنے سے بھی دریغ نہیں کرتے ۔ وہ ان کیلئے ہر قسم کے دھوکا اور فریب اور جعلسازی سے کام لینے کے لئے تیا رہوجاتے ہیں اور خدا اور اس کے رسول کے احکام کو پسِ پشت ڈال دیتے ہیں ۔ مگر قیامت کے دن نہ کسی کی دوستی کام آئے گی اور نہ اپنے سروں پر گناہوںکا بوجھ اٹھا لینے کا وعدہ کرنے والے کسی کو جہنم سے بچا سکیں گے بلکہ انہیں حسرت اور افسوس کے ساتھ کہنا پڑے گا کہ اگر ہم یہ طاقت ہوتی کہ ہم دوبارہ دنیا میں لوٹ کر جاسکتے تو ہم تلافی مافات کرنے کیلئے تیارہیں مگر اسوقت ان کی یہ خواہش پوری نہیں ہوسکے گی ۔ کیونکہ اس وقت عمل کا دروازہ بند ہوچکا ہوگا ۔ فرماتا ہے ۔ ابراہیمؑ کے اس واقعہ میں بھی ایک بہت بڑا نشان مخفی ہے کہ کس طرح ابراہیمؑ نے انتہائی کمزوری اور ضعف کی حالت میں بتوں کے خلاف آواز بلند کی ۔ کس طرح اس کی قوم نے مخالفت کی اور آخر اسے ہجرت کرنے پر مجبور کردیا۔ مگر آخر ابراہیم ؑ ہی فاتح ہوا۔ اور بت اس کی قوم کو کوئی فائدہ نہ پہنچا سکے ۔مگر اتنا بڑا نشان دیکھنے کے باوجود ابراہیم علیہ السلام کی قوم میں سے اکثر لوگ دینوی لذات میں ہی منہمک رہے۔ اور انہیں آپ پر ایمان لانے کی سعادت حاصل نہ ہوئی ۔لیکن فرماتا ہے۔ اِنَّ رَبَّکَ لَھُوَ الْعَزِیْزُ الرَّحِیْمْ۔ تیرا رب یقینا بڑا غالب اور باربار رحم کرنے والا ہے۔ یعنی بے شک ابراہیم علیہ السلام کی قوم کی اکثریت اس پر ایمان نہیں لائی مگر تیرا رب بڑا غالب اور مہربان ہے وہ ایک دن تیری قوم کی اکثریت کو تجھ پر ایمان لانے کی سعادت عطا فرمادے گا ۔اور انہیں ایک لمبے عرصہ تک اپنے انعامات سے متمتع فرماتا چلا جائے گا ۔ چنانچہ فتح مکہ کے بعد ایسا ہی ہوا ۔ آپؐ کی ساری قوم آپ پر ایما ن لے آئی اور پھر اللہ تعالیٰ نے اس ایمان کی برکت سے انہیں سینکڑوں سال تک اپنے انعامات سے نوازا ۔اور انہیں ایک لمبا دور حکومت عطا فرمایا ۔
کَذَّبَتْ قَوْمُ نُوْحِ الْمُرْسَلِیْنَ٭
نوح ؑ کی قوم نے (اپنے)رسولوں کا انکار کیا ۔
اِذْ قَالَ لَھُمْ اَخُوْھُمْ نُوْحٌ اَلَا تَتَّقُوْنَ٭
جب کہ ان سے انکے بھائی نوحؑ نے کہا ۔ کیا تم تقویٰ نہیںکرتے ؟
اِنِّیْ لَکُمْ رَسُوْلٌ اَمِیْنٌ٭
میں تمہاری طرف ایک امانت دار پیغامبر ہوکر آیا ہوں ۔
فَاتَّقُوْ االلّٰہَ وَاَطِیْعُوْنِ٭
پس اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور میری اطاعت کرو۔
وَمَا ٓ اَسْئَلُکُمْ عَلَیْہِ مِنْ اَجْرٍ۔ اِنْ اَجْرِیَ اِلَّا عَلٰی رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ٭
اور میں اس (خدمت کے سلسلہ) میں کوئی اجر نہیں مانگتا ۔میرا بدلہ تو رب العالمین (خدا)کے ذمہ ہے ۔
فَاتَّقُوْ االلّٰہَ وَاَطِیْعُوْنِ٭
پس اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور میر اطاعت کرو۔۲۰؎
۲۰؎ تفسیر:۔فرماتا ہے ۔ نوحؑ کی قوم نے بھی نوحؑ کی جو کہ اس وقت سب رسولوں کا قائم مقام تھا تکذیب کی ۔نوحؑ نے ان کو سمجھا یا مگر وہ نہ مانے اور یہ بھی بتایا کہ آخر میرے سمجھانے کی غرض کیا ہے۔ میں تم سے کچھ مانگتا تو نہیں۔میری امید اور میرا توکل تو صرف رب العالمین خدا پر ہے ۔ پس اللہ کا تقویٰ اختیا ر کرو اور میری اطاعت کرو۔
اَطِیْعُوْنَ سے معلوم ہوتا ہے کہ نبی کی اطاعت اور شریعت پر عمل جُدا جُدا چیزیں ہیں ۔ اہلِ قرآن کہا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے صرف قرآن کی اطاعت کا حکم ہے ۔ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت کا حکم نہیں۔ مگر حضرت نوح علیہ السلام جو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے ادنیٰ نبی تھے کہتے ہیں۔ وَاَطِیْعُوْنِ تم میری ذات کی اطاعت بھی کرو ۔ تب تمہارا تقویٰ مکمل ہوگا ۔ کیونکہ خدائی تعلق کا پہلا زینہ خدا تعالیٰ کے نبیوں سے تعلق پیدا کرنا ہوتا ہے جس طرح تمہارے لئے یہ ناممکن ہے کہ تم چھلانگ لگا کر چھت پر چڑھ سکو۔ اسی طرح تمہارے لئے یہ ناممکن ہے کہ خدا تعالیٰ کی طرف راہنمائی کرنے والے وجودوںکو چھوڑ کر تم خدا تعالیٰ سے تعلق پیدا کرسکو مگر جس طرح کبھی کبھا ر ایسا بھی ہوتاہے کہ چھت پر بیٹھا ہوا انسان جب دیکھتا ہے کہ کسی پر شیر یا ڈاکو نے حملہ کردیا ہے تو وہ رسی گرا کر اس کو اوپر کھینچ لیتا ہے ۔اسی طرح کبھی کبھی ایسا بھی ہوتا ہے ۔کہ خداتعالیٰ جب دیکھتا ہے کہ کوئی شخص اس سے ملنے کی سچی تڑپ رکھتا ہے لیکن وہ ایسے ماحول میں ہے کہ اسے انبیاء کی راہنمائی میسر نہیں آسکتی تو وہ خود اس کو اپنی طرف کھینچ لیتا ہے ۔ مگر ایسا بہت شاذ ہوتا ہے اور شاذ پرکسی قانون کی بنیاد نہیں رکھی جاسکتی ۔ عام قانون یہی ہے کہ جو لوگ خدا نما لوگ ہوتے ہیں انہی کے ذریعہ انسان کو روحانی ترقی ملتی ہے اور اس ترقی کے حصول کا ایک ہی ذریعہ ہے انسان دینوی محبتوںکو سرد کرکے ان کی محبت کو اپنے اوپر غالب کرلے ۔ جب وہ انکی محبت کو غالب کرلیتا ہے تو انکی اطاعت کرنا اور ان کا نمونہ اختیارکرنا اس کیلئے آسان ہوجاتا ہے ۔ اس وقت وہ یہ نہیں سمجھتا کہ یہ کوئی غیر ہے جس کی میں اقتداء کررہا ہوں ۔ بلکہ وہ سمجھتا ہے کہ یہ میر اباپ ہے اور اس کا خون میری رگوں میں دوڑ رہا ہے ۔ حضرت نوح علیہ السلام نے بھی اسی نکتہ کی طرف اپنی قوم کو توجہ دلائی کہ اگر تم نجات حاصل کرنا چاہتے ہوتو اللہ تعالیٰ کا تقویٰ اختیارکرو۔ اور میری اطاعت کا جؤااپنی گردنوں پر رکھو کیونکہ خدا تعالیٰ نے مجھے تمہاری ہدایت کیلئے مبعوث فرمایا ہے ۔
قَالُوْآ اَنُوْمِنُ لَکَ وَاتَّبَعَکَ الْاَرْذَلُوْنَ٭
انہوں (یعنی کافروں) نے کہا کہ کیا ہم تجھ پر ایمان لائیں حالانکہ نہایت حقیر لوگ تیرے متبع ہوئے ہیں۔
قَالَ وَمَا عِلْمِیْ بِمَا کَانُوْایَعْمَلُوْنَ٭
اُ س نے کہا مجھے کہاں سے علم آیا ہے کہ ان کے اندر ونی اعمال کیسے ہیں۔
اِنْ حِسَابُھُمْ اِلَّا عَلٰی رَبِّیْ لَوْ تَشْعُرُوْنَ٭
ان کا حساب کرنا تو میرے رب کے ذمہ ہے ۔
وَمَآ اَنَا بِطَارِدِ الْمُوْمِنِیْنَ٭
اگر تم سمجھو ۔اور جو شخص مومن ہوکر میرے پاس آتا ہے میرا کام نہیں کہ میں اسے دھتکاروں ۔
اِنْ اَنَا اِلَّا نَذِیْرٌ مُّبِیْنٌ٭
میں تو صرف ایک کھلا کھلا ہوشیا ر کرنیوالا انسان ہوں۔ ۲۱؎
۲۱؎ تفسیر:۔ اللہ تعالیٰ کے انبیاء پر ہمیشہ یہ اعتراض ہوتا چلا آیا ہے اور حضرت نوح علیہ السلام کے زمانہ میں بھی ہوا کہ اس کے ماننے والے تو ادنیٰ لوگ ہیں ہم اس کی بات کس طرح مان لیں۔ حضرت نوح علیہ السلام نے کیا ہی اچھا جواب دیا کہ ہدایت کے قابل سمجھا تو ہدایت دے دی ۔ پس جب اس کے نزدیک ان کے عمل اعلیٰ درجہ کے لوگوں کے سے ہیں تو میں ان کو کس طرح دھتکار سکتا ہوں ۔آخر ان کا حساب خداتعالیٰ ذمہ ہے ۔میرے ذمہ تونہیں ۔کاش تم عقل سے کام لو ۔اور جس کو خدا تعالیٰ مومن بنا دے ۔اس کی تحقیر نہ کرو ۔اور اگر تم تحقیر کروبھی تو میں بہر حال اسے دھتکار نہیں سکتا کیونکہ اس کو خدا نے میرے حوالہ کیا ہے ۔میرا کام تو یہ ہے کہ میں لوگوں کو بری باتوں سے روکوں ۔اس کے بعد جب خداتعالیٰ کسی کو ہدایت دے دے تو اس کے معنی یہ ہیں کہ وہ بری باتوں سے رک گیا ہے اور نہایت عزت والا انسان بن گیا ہے ۔اس کے بعد وہی معززہے تم لوگ معزز نہیں ۔اسلامی تاریخ میں اس کے متعلق ایک بڑا اچھا واقعہ آتا ہے۔حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ ایک دفعہ حج کے لئے تشریف لے گئے تو حج کے عید کے دن لوگ آپ کو ملنے کے لئے آئے ۔شروع میں مکہ کے رؤساء اور رئیسوں کے بیٹے آئے ۔اس کے بعد کچھ غلام آ ئے جو ابتدائے زمانہ میںاسلام لائے تھے۔اُن کے آنے پر حضرت عمر نے رؤساء کو پرے سرکنے کے لئے کہا اور اپنے پاس غلاموں کو بٹھا لیا ۔اس کے بعد کچھ اور نو مسلم غلام آئے۔حضرت ر نے ان کو پھر اپنے پاس بٹھا لیا ۔اور رؤساء کو پَرے سرکنے کا اشارہ کیا ۔اسی طرح متواتر ہوتا رہا۔آخر شر مندہ ہو کر رؤساء کے لڑکے اُٹھ کھڑے اور باہر جاکر ایک دوسرے سے کہنے لگے کہ دیکھ لیا آج تمہاری کتنی بے عزتی ہوئی ہے ۔اس پر ان میں ایک ہوشیار لڑکا بولا کہ اس میں قصور کس کا ہے ۔یہ غلام جن کو تم ذلیل سمجھتے ہو سب سے پہلے اسلام لانے والوں میں سے تھے۔اور انہوں نے اپنی زندگیاں اسلام کی ترقی کے لئے خرچ کی دیں جبکہ تمہارے باپ دادا اسلامؔاور محمدؔرسول اللہ صلے اللہ علیہ وسلم کی دشمنی کررہے تھے۔اب اسلام کی حکومت آئی ہے تو عزت انہی کو ملے گی ۔ہم کو نہیں ملے ۔باقی ساتھیوں نے کہا ۔تو پھر اس کا علاج کیا ہے ۔اس ذہین لڑکے نے کہا ۔چلو اس کا علاج حضرت عمر ؓسے ہی پوچھیں چنانچہ وہ پھرجمع ہو کر حضرت عمرؓکے پاس گئے۔حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے ان کو دیکھ کر بات سمجھ لی۔اور کہا۔اے نوجوانو۔مجھے معلوم ہے کہ تمہاری مکّہ میں کیا حیثیت ہے ۔مگر میں مجبور تھا۔یہ لوگ جن کو میں نے آگے بٹھایا ۔محمد رسول اللہ صلے اللہ علیہ وسلم بھی ان کو آگے بٹھایا کرتے تھے ۔اب میں ان کے درجہ میں فرق کس طرح کرسکتا تھا ۔ان نوجوانوں نے کہا ۔پھر اس کا کوئی علاج بھی ہے ؟ حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ جو ان کے خاندانوں کی عزت کو جانتے تھے اُن کی آنکھوں میں آنسو آگئے اور انہوں نے اپنا ہاتھ شمال کی طرف اونچا کردیا۔جس کا مطلب یہ تھا کہ اب شام میں عیسائیوں سے جنگ ہورہی ہے۔وہاں چلے جاؤاور اپنے باپ دادا کے گناہوں کا کفارہ اداکرو۔چنانچہ وہ نوجوان خاموشی سے اُٹھ کر چلے گئے اور اسی وقت اونٹوں یا گھوڑوں پر سوار ہوکر شام چلے گئے اور اسلامی لشکر میں مل گئے اور وہیں کفار سے لڑتے لڑتے شہید ہوگئے ان میں سے کوئی بھی لوٹ کر نہ آیا۔
سو عزت وہی ہوتی ہے جو خدا دے مال و دولت سے عزت نہیں ملتی ۔کافروں کا نبیوں پر ایمان لانے والوں کو اس لئے ذلیل سمجھنا کہ وہ غریب ہیں اوں درجہ کی حماقت ہے جو نبی پر پہلے ایمان لاتے ہیں وہی سب سے زیادہ معزز ہوتے ہیں۔رسول کریم صلے اللہ علیہ وسلم پر سب سے پہلے ابو بکرؓ۔علیؓ۔زیدؓایمان لائے ۔مکہ کے صنادید کی موجودگی میں ابوبکر ؓ کو مسلمانوں نے خلیفہ تسلیم کیا ۔جن پر ان کے باپ نے بھی تعجب کیا ۔مگر ابوجہلؔ۔عتبہؔ۔اور شیبہؔکی عزت توابو بکرؓاورعلیؓکی جوتیوں کے برابرا بھی نہیں ۔یہی بات حضرت نوح ؑنے اپنے مخالفین کے سامنے پیش کی اور کہا کہ وَمَا عِلْمِیْ بِمَا کَانُوْا یَعْمَلُوْنَ ۔بیشک یہ تمہیں حقیر نظر آتے ہیں ۔ مگر مجھے کیا معلوم کہ ان کی وہ کونسی چُھپی نیکیاں تھیں جن کی وجہ سے خداتعالیٰ نے ان کو یہ شرف بخشا کہ انہوں نے اپنے زمانہ کے نبی کو قبول کرلیا۔ اور تمہاری وہ کون سی بداعمالیاں تھیں جو تمہارے راہ میں حائل ہوگئیں اورجنہوں نے تم سے نورِ بصیرت چھین لیا اور تم اللہ تعالیٰ کی آواز پر لبیک کہنے سے محروم رہ گئے ۔ اور جب انکی نیکیوں کی وجہ سے ہی اللہ تعالیٰ نے ان پر اتنا بڑا انعام نازل کیا ہے کہ انہیں ایک نبی کو ماننے کی سعادت حاصل ہوگئی ہے تو یہ لوگ ذلیل کس طرح ہوئے ۔ ذلیل تو وہ لوگ ہیں جن کی بداعمالیوں نے انہیں اللہ تعالیٰ کے مامور کی شناخت سے محروم کردیا ۔ پھر فرمایا اِنْ حِسَابُھُمْ اِلَّا عَلٰی رَبِّیْ لَوْ تَشْعُرُوْنَ۔ بیشک یہ آج غریب اور کنگال ہیں ۔ کوئی مال اور جائداد ان کے پاس نہیں مگر اللہ تعالیٰ ان کی قربانیوں کو کبھی ضائع نہیں کرے گا اور وہ ایک دن انہیںبہت بڑی ترقی عطا کرے گا۔ کاش تم شعور سے کام لیتے ۔ اور اس قسم کے بیہودہ عذرات سے کام لے کے خدائی ہدایت کو ٹھکرانے کے لئے تیا ر نہ ہوجاتے ۔
قرآن کریم کے مطالعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ اس نے اس مضمون کو مختلف مقامات میں مختلف پیرایوں میں بیان کیا ہے ۔ کسی جگہ تو فرمتا ہے کہ ہمارے مخالف شعور سے کام نہیں لیتے اور کسی جگہ فرماتا ہے کہ ہمارے مخالف علم سے کام نہیں لیتے ۔ شعور اس حِس کو کہتے ہیں جو انسان کے اندر سے پیدا ہوتی ہے اور علم اس حِسّ کو کہتے ہیں جو باہر سے آتی ہے ۔ خواہ سن کر یا دیکھ کر یا چھو کر یا چکھ کر ۔ مثلاً ہم چلے جارہے ہوتے ہیں کہ ہمیں ایک جنگل نظر آتا ہے جسے دیکھ کر ہمارا علم بڑھتا ہے ۔ یہ علم باہر سے پیدا ہوتا ہے اندر سے نہیں ۔ یا کسی شخص کو کوئی چیز چکھ کر جس ذائقہ کا پتہ لگتا ہے وہ علم کہلاتا ہے ۔ اس کے مقابلہ میںبعض دفعہ ہم بیٹھے بیٹھے محسوس کرتے ہیں کہ ہماری کیا ضرورتیں ہیں ۔ ہماری قوم کی کیا ضرورتیں ہیں۔ ہمارے بچوں کی کیا ضرورتیں ہیں۔ ہمارے خاندان کی کیا ضرورتیں ہیں۔ یہ چیز جب قدرتی طور پر آپ ہی آپ پید ا ہو تو اسے شعور کہتے ہیں ۔ گویا انسان جب ان جبلی طاقتوںکو جو اللہ تعالیٰ نے خو د اس کے اندر پیدا کی ہیں محسوس کرکے اپنے لئے ایک نیک راہ تجویز کرتا ہے ۔ تو اسے شعور کہتے ہیں اور جب محنت کرکے انسان جب یہ سوچتا ہے کہ فلاں چیز میرے لئے فائدہ مند ہے یا نہیںتو اس کام کا نام فکر ؔ ہوتاہے ۔ قرآن کریم نے اس کی طرف بھی بار بار توجہ دلائی ہے کیوں کہ یہ قوت بیرونی علم سے نتائج اخذ کرنے میں مدد دیتی ہے اسی کے ایک پہلو کا نام عقل بھی ہے۔ عقل اس قوت کو کہتے ہیں جو انسان کو علم ؔ ۔فکرؔ اور شعورؔ کے مطابق کا م کرنے کی توفیق بخشتی ہے ۔ عقل ؔ کے معنی یہی ہوتے ہیں کہ انسان سوچتا اور فیصلہ کرتا ہے کہ یہ چیز میرے لئے مضر ہے یا مفید ۔ جب وہ فیصلہ کرے کہ فلاں چیز میرے لئے مضر ہے اور جب یہ حِسّ اسے بری چیز سے روک دے تو اسے عقل کہتے ہیں یعنی بدی کی طرف لیجانے والی چیز سے روکنے والی عقل ہے ۔اسی کی طرف قرآن کریم نے تفقّہ ؔ کے لفظ سے بھی توجہ دلائی ہے ۔ تفقّہؔ کے معنے ہوتے ہیں ۔ کسی چیز کی باریکی کو پا لینا ۔ فرماتا ہے تمہارے سامنے کئے چیزیںآتی ہیں ۔مگر تمہیں یہ نظر نہیں آتا کہ ان سے کیا نتیجہ نکلتا ہے۔ یوں دیکھنے میں ایک مرغا ۔ ایک کتا اور ایک بلی انسان کے شریک ہیں پھر تمہارے دیکھنے اور انکے دیکھنے میں کیا فرق ہے ۔ وہ فرق یہی ہے کہ تم ایک چیز کو دیکھ کر نتیجہ نکال لیتے ہو ۔ لیکن مرغا اور بلی اور کتا اسے دیکھ کر کوئی نتیجہ نہیں نکال سکتا۔ بلی اور کتا اگر ایک درخت دیکھتے ہیں تو انہیں اتنا ہی نظر آتا ہے کہ ایک لمبا سا ڈنڈا کھڑا ہے ۔ لیکن انسان صرف یہی فیصلہ نہیں کرتا کہ یہ ایک درخت ہے بلکہ یہ بھی فیصلہ کرتاہے کہ اسے پھل کیا لگتا ہے ۔ کس موسم میں لگتا ہے اور کس موسم میں نہیں لگتا ۔وہ پھل غذا کے کام آتا ہے یا دوا کے کام آتا ہے یا اس درخت سے محض سائے کا کام لیا جاسکتا ہے۔لیکن بکری ان باتوں کو نہیں جانتی ۔گیدڑ اتنا ہی جانتا ہے کتّا اتنا ہی جانتا ہے کہ دھوپ لگے تو تو درخت کے سائے میں بیٹھ جاؤ لیکن انسان کسی درخت کو دیکھ کر یہ سمجھ لیتا ہے کہ اس کی لکڑی مضبوط ہے اور وہ اسے کاٹ کر دروازے بنا لیتا ہے ۔کسی کے متعلق سمجھتا ہے کہ یہ لکڑی بوجھ زیادہ اُٹھا سکتی ہے اور اس کے وہ شہتیر اور بالے بنا لیتا ہے ۔کسی کے متعلق سمجھتا ہے کہ اس کی لکڑی پانی کو زیادہ برداشت کرنے والی ہے اور وہ اس لکڑی کو ایسے مقامات پر استعمال کرتا ہے جہاں بارشیں زیادہ ہوں ۔کسی کے متعلق سمجھتا ہے کہ یہ محض جلانے کے کام آسکتی ہے چنانچہ وہ اس کا ایندھن بنا لیتا ہے یا اسے کوئلہ کے لئے استعمال کرتا ہے ۔غرض لکڑی وہی ہے ۔جانور بھی اس کو دیکھتا ہے اور انسان بھی اس کو دیکھتا ہے ۔انسان اس کے کئی کئی استعمال نکال لیتا ہے لیکن جانور آدمؑ کے وقت سے صرف سایہ کے نیچے بیٹھنا جانتاہے اس سے زیادہ کچھ نہیں جانتا ہے۔
پھر قرآن کریم نے ایک اور طرح بھی اس طرف توجہ دلائی ہے اور اس کا نام استنباط رکھا ہے ۔استنباط کے معنی یہ ہوتے ہیں کہ مختلف واقعات کو لے کر انسان ان سے ایک نتیجہ نکالتاہے ۔گویا وہ اپنی قوتِ فکر سے ایک نئی چیز اُگاتا ہے ۔ایک شخص کو زیدؔنظر آتا ہے بکرؔ نظر آتا ہے عمر ؔنظر آتا ہے اور پھر وہ دیکھتا ہے کہ یہ سارے ایک پارٹی کے ہیں اور مختلف راستوں اور مختلف مقامات سے ایک جگہ جمع ہوئے ہیں۔تو وہ ان کو دیکھ کر یہ نتیجہ نکال لیتا ہے کہ انہوں نے ضرور کوئی سکیم بنائی تھی جس کے ماتحت اکٹھے ہوئے ہیں ۔لیکن بکری اور کتا وغیرہ یہ نتیجہ نہیں نکال سکتے وہ یہی دیکھیں گے کہ زیدؔآتا سے یا بکرؔ اور عمر ؔاور خالد ؔ آیا ہے ۔لیکن انسان یہ دیکھ کر ایک پار ٹی کے آدمی مختلف راستوں سے ایک مقام پر اکٹھے ہوئے سمجھ جاتا ہے کہ انہوں نے پہلے سے کوئی فیصلہ کیا ہؤا تھا۔یادشمن کاروئی کرتاہے تو وہ سمجھ جاتا ہے کہ مجھے کس طرح اسے زک دینی چاہئیے ۔
غرض قرآن کریم نے بار بار توجہ دلائی ہے کہ تم شعور سے کام لو ۔تم علم سے کام لو۔تم عقل سے کام لو۔تم تفقّہ سے کام لو۔تم استنباط کی قوت سے کام لو اور وہ بار بار دشمنوں کو توجہ دلاتا ہے کہ تمہیں کیا ہوا کہ تم شعور سے کام نہیں لیتے ۔تم علم سے کام نہیں لیتے ۔تم فکر سے کام نہیں لیتے ۔تم عقل سے کام نہیںلیتے ۔تم تفقّہ سے کام نہیں لیتے ۔تم استنباط سے کام نہیں لیتے۔چنانچہ قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ نے رسول کریم صلے اللہ علیہ وسلم اور آپ کے دشمنوں میں یہی فرق بتایا ہے ۔فرماتاہے۔قُلْ ھٰذِہِ سَبِیْلِیْٓ اَْعُوْ ٓ ااِلَی اللہ ِعَلٰی بَصِیْرَۃٍاَنَا وَ مَنِ ا تَّبَعَنِْی (سورۃ یوسف آیت ۱۰۹)اے محمدرسول اللہ صلے اللہ علیہ وسلم تو اپنے مخالفوں سے کہہ دے کہ تمہارے اور میرے درمیان ایک ہی فرق ہے تم بھی ایک ہی عقیدہ پر ایمان رکھتے ہو اور میں بھی ایک ہی عقیدہ پر ایمان رکھتا ہوں۔کوئی کہہ سکتا ہے کہ جس طرح محمد رسول اللہ صلے اللہ علیہ وسلم کا ایک عقید ہ ہے اسی طرح ہمارا ایک عقیدہ ہے اگر محمد رسول اللہ صلے اللہ علیہ السلام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنے آپ کو سچّا کہیں تو ہمیں بھی یہ حق حاصل ہے۔ہم کیوںیہ سمجھیں کہ جو جو بات محمد رسول اللہ صلے اللہ علیہ وسلم کہتے ہیں وہ ٹھیک ہے اور جو ان کے دشمن کہتے ہیں وہ غلط ہے۔بہر حال مکہ کا ایک آدمی کہہ سکتا تھا آپ جو کہتے ہیں کہ ہماری بات مانی جائے ۔اس کی وجہ کیا ہے اور کیوں ہم آپ کی باتوںکو تسلیم کریں ۔اس کے کئی جواب ہوسکتے تھے جن میں سے ایک جواب قرآن کریم نے دیا ہے کہ عَلٰی بَصِیْرَۃٍاَنَا وَ مَنِ ا تَّبَعَنِْی ۔تو مکہ والوں سے کہہ دے کہ تمہارے جھوٹے ہونے اور میرے سچے ہونے کا بڑا ثبوت یہ ہے کہ میں اور میرے ساتھی ہر بات کو دلیل سے مانتے ہیں اور تم بے دلیل مانتے ہو۔تمہارا بلا دلیل ماننا بتاتا ہے کہ تم نے سوچا نہیں اور میرا بادلیل ماننا بتاتا ہے کہ میں نے سوچ کر مانا ہے اور یہ لازمی بات ہے کہ جو سوچ کر مانے گا وہ زیادہ حق پر ہوگا بہ نسبت اس شخص کے جو بلا سوچے سمجھے کسی بات کو تسلیم کرلیتا ہے قطع نظر اس کے کہ وہ بلا سوچے سمجھے کسی حق بات کو ہی کیوں نہ مان لے۔کیونکہ کہ خواہ وہ حق پر ہو اللہ تعالیٰ اس سے یہ کہے گا کہ تمہیں کیونک پتہ لگا تھا کہ یہ سچ ہے تم نے تو بلا سوچے سمجھے ہی یہ بات مانی تھی ۔لیکن فرض کرو ۔ایک شخص غور کرکے ایک نتیجہ پر پہنچا ہو تو خواہ وہ غلط ہی ہو ۔لیکن چونکہ اس نے صحیح جدو جہد سے کام لیا ہو گا اللہ تعالیٰ کے حضور وہ ثواب کا مستحق ہوگا ۔کیونکہ اپنی طرف سے اس نے صحیح نتیجہ پر پہنچنے کی کوشش کی تھی۔ چنانچہ رسول کریم صلے اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں ایک شخص جو سوچ کر کوئی فیصلہ کرتا ہے تو خواہ وہ غلط ہی فیصلہ ہی دے تب بھی وہ ثواب کا مستحق ہوگا۔بیشک فیصلہ غلط ہو گا۔ لیکن اس نے سوچ کر اپنی طرف سے پورا زور لگانے کے بعد دیا ہوگا۔اس لئے خواہ وہ فیصلہ کرنے میں غلطی کرجائے۔ اللہ تعالیٰ اس کے متعلق یہی کہے گا کہ اس نے اپنا فرض کو ادا کردیا۔اس لئے وہ انعام کا مستحق ہو گا سزا کا نہیں۔اسی طرح رسول کریم صلے اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ وہ شخص جس پر حجّت تمام نہیں ہوتی وہ دوزخ میں نہیں ڈالاجائے گا ۔کیونکہ اس کے لئے موقع ہی نہیں تھا کہ وہ سوچتا اور غور کرتا۔اسی طرح آپ نے فرمایا کہ دیوانہ شخص دوزخ میں نہیں ڈالا جائے گا کیونکہ وہ معذور تھا اور سوچ نہیں سکتا تھا۔ اسی طرح آپ نے فرمایا کہ بچے جو چھوٹی عمر میں مرجائیں گے یا بڈھا جس کی عقل ماری گئی یا پہاڑوں پر رہنے والا شخص جس تک میری آواز نہیں پہنچی وہ دوزخ میں نہیں ڈالے جائیں گیااس لئے کہ ان کے لئے سوچنے کاموقعہ ہی نہیں تھا ۔پس سزا کا مستحق بھی وہی ہوتا ہے جسے سوچنے کا موقع ملے جو سوچ سمجھ کر کسی سچائی کو قبول کرے ۔رسمی اور آبائی مذ ہب یا رسمی اور آبائی طریقہ خداتعالیٰ کو خوش کر نے کا نہیں ہوسکتا چنانچہ ظاہری طور پر بھی ہمیں یہی قانون نظر آتا ہے۔رسول کریم صلے اللہ علیہ وسلم کو دیکھ لو ۔آپ نے اپنی قو م کو یہی نصیحت کی کہ ہر بات پر غور کرنے کی عادت ڈالو۔اور صحابہ ؓکو بھی آپ یہی نصیحت فرمایا کرتے تھے کہ سوچو اورسمجھو اور پھر کسی بات کو مانو ۔اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ علمی طور پر صحابہؓ کو اتنی فضیلت حاصل ہوگئی اُن کا ان ْپڑھ بھی لوگوں کے سامنے اس طرح دلائل دیتا کہ مخالفوں کے لئے سوائے اس کے اور کوئی چارہ نہیں رہ جاتا تھا کہ وہ ڈنڈے کے زور سے اپنی بات منوانے کی کوشش کریںکیونکہ وہ جانتے تھے کہ دلائل کے میدان میں ہم ان کا مقابلہ نہیں کرسکتے ۔مثلاً شرک کی تعلیم ہے ۔ایک مکہ کا رہنے والا مشرک شرک کی یہ دلیل دیتا تھا کہ میرے ماں باپ نے ایسا کیا ہے ۔کیا وہ جھوٹے تھے۔کیا ان میں عقل نہیں تھی ۔کیا ان میں تمیز نہیں تھی ۔سیدھی بات یہ ہے کہ جب وہ کہیں گے کہ یہ لوگ ہمارے ماں باپ کو جاہل بتاتے ہیں تو نوجوانو ںکو جوش آجائے گااور وہ کہیں گے۔اچھایہ ہمارے ماں باپ کو جھوٹا کہتے ہیں اس طرح وہ مقابلہ کے لئے کھڑے ہو جائیں گے لیکن رسول کریم صلے اللہ علیہ وسلم کی طرف سے یہ دلیل دی جاتی تھی کہ تم غور کرکے دیکھ لو۔بتوںمیں کوئی بھی طاقت اور قوت ہے جب ان میں کوئی بھی طاقت نہیں توان کی پرستش کس لئے کی جاتی ہے۔چنانچہ قرآن کریم میں آتا ہے کہ مکھّی بھی اگر کھانا اُٹھاکر لے جائے تو یہ بُت اس سے چھین نہیں سکتے جب یہ اس قدر کمزور اوربے بس ہیں تو انہیں خدائی کا مقام دینا کوئی عقلمندی نہیں ہے۔اب یہ ظاہر ہے کہ جو شخص دلیل سے کسی بات کو تسلیم کرے گا اس کا مقابلہ وہ شخص نہیں کرسکتا جو بلادلیل اور بلا سوچے سمجھے ماننے کا عادی ہو بے دلیل ماننے والا بہر حال کسی نہ کسی جگہ جا کر رہ جاتا ہے اسی لئے قرآن کریم میں بار بار آتا ہے کہ تفقّہ ؔسے کام لو عقلؔسے کام لو ۔فکرؔ سے کام لو۔شعورؔسے کام لو۔رسول کریم صلے اللہ علیہ وسلم بھی جب کسی پر خوش ہوتے تو اس کے لئے یہی دعا فرماتے تھے کہ اللہ تعالیٰ اس کو سوچنے کی عادت ڈالے ۔حضرت ابنِ عباسؓکہتے ہیں کہ ایک دفعہ رسول کریم صلے اللہ علیہ وسلم قضائے حاجت کے لئے اندر تشریف لے گئے ۔میں لوٹا بھر باہر کھڑا رہا ۔جب آپ اندر سے نکلے ۔تو میں نے آگے بڑھ کر پانی پیش کیا اور وضو کرایا ۔رسول کریم صلے اللہ علیہ وسلم میرے اس فعل سے بہت خوش ہوئے اور آپؐنے فرمایا اَلَّھُمَّ فَقِّھْہُ فِیْ ا لدِّیْنِ۔اے لوگو!تو اسے دین کو سوچنے اور مسائل میں غور کرنے کی توفیق بخش۔اور یہی اصل کام ہو تا ہے کہ انسان سوچے اور پھر کسی نتیجہ پر پہنچے ۔یونہی کسی بات کے پیچھے چل پڑنا اور غورو فکر سے کام نہ لیناانسان کو اس کے اعلیٰ مقام سے گرادیتا ہے ۔اسلام کی اسی تعلیم کا نتیجہ یہ تھا کہ مسلمان جہاں بھی جاتے لوگ حیران رہ جاتے کہ ان لوگوں کا بچہ بچہ علوم جانتا ہے اور بڑی بادلائل گفتگو کرتا ہے۔ اورپھر یہ سوچنے کا ہی نتیجہ تھا کہ ان کے ایمانوں میں تزلزل واقع نہیں ہوتا تھا ۔ کیونکہ وہ جو کچھ مانتے تھے ۔ سمجھ کر مانتے تھے سوچ کرمانتے تھے اور ساری تشریحات کو مدِ نظر رکھ کر مانتے تھے اور پھر یہی وجہ تھی کہ مسلمان جان دیتا تھا تو لوگ حیران رہ جاتے تھے کہ یہ کس دلیری اور جرأت کے ساتھ اپنی جان دے رہے ہیں ۔ ایک صحابیؓ کہتے ہیں کہ میرے ایمان لانے کی وجہ ہی یہی تھی کہ میں نے ایک مسلمان کو اس جرأت کے ساتھ جان دیتے دیکھا کہ میں حیران رہ گیا ۔واقعہ یہ ہوا کہ دشمنوں نے مسلمانوں کی ایک جماعت دھوکا سے گھیر لی ۔ اورپھر مزید دھوکا انہوں نے یہ دیا کہ انہوں نے ان گھیرے ہوئے مسلمانوں سے یہ کہا کہ اگر تم پہاڑی سے نیچے اتر آئو تو ہم تمہیں کچھ نہیں کہیں گے ۔جب وہ نیچے آئے تو انہوں نے حملہ کرکے اکثر کو شہید کردیا ۔ وہ شخص جس واقعہ کو دیکھنے کے بعد ایمان لایا وہ کہتاہے کہ میں کسی اور قبیلہ کا تھا ۔ لیکن ہم سمجھتے تھے کہ یہ مسلمان لوگ بے دین ہیںاورعربوں کے خلاف جذبات رکھتے ہیں ۔ اور چونکہ ہمارے کانوں میں یہ باربار باتیں ڈالی جاتی تھیں کہ مسلمان عربوں کے دشمن ہیں ۔ اس لئے میں بھی ان لوگوں کیساتھ آکر شامل ہوگیا۔اور مسلمانوں کا میں مقابلہ کیا اس وقت میں نے دیکھا کہ ایک شخص آگے بڑھا اور اس نے ایک مسلمان کے سینہ میں نیزہ مارا۔ جوں ہی وہ نیزہ اس کے سینے سے پار گیا بے اختیار ا س کی زبان پر یہ الفاظ جاری ہوئے فُزْتُ وَرَبِّ الْکَعْبَۃِ خدائے کعبہ کی قسم! آج میں نے اپنا مقصد پالیا ۔او ر یہ کہتے ہوئے وہ گرا او رشہید ہوگیا۔ میں نے یہ الفاظ سنے ۔ تو میری حیرت کی کوئی انتہا نہ رہی ۔ میں نے اپنے دل میں کہا۔ یہ کیابات ہے ۔ کیا یہ شخص پاگل تھا کہ دشمن اسے نیزہ مارتا ہے ۔ اور نیزہ بھی ایسی حالت میں مارتا ہے جب یہ اپنے وطن سے سو ڈیڑھ سو میل کے فاصلہ پر ہے ۔ اس وقت بجائے اس کے کہ یہ کہے ہائے اماں ! بجائے اس کے کہ یہ کہے ہائے ابا! بجائے اس کے کہ یہ کہے ہائے میری بیوی! وہ کہتا ہے تویہ کہ خدائے کعبہ کی قسم میں کامیاب ہوگیا۔ یہ کامیاب کہاں ہوا؟ یہ تو مرگیا تھا پھر اس نے یہ الفاظ کیوں کہے ۔ معلوم ہوتا ہے یہ شخص پاگل تھا ۔ یہ نہیں جانتا تھا کہ کامیابی کیا چیز ہے اور ناکامی کیا چیز؟ چنانچہ میں لڑائی کے بعد میں نے ایک شخص سے پوچھا کہ کیا یہ کوئی پاگل تھا کہ جب اس پر حملہ کیا گیابجائے اس کے کہ یہ کسی تکلیف کا اظہار کرتا اس نے کہا تو یہ کہ رب کعبہ کی قسم میں کامیاب ہوگیا ۔وہ کہنے لگا۔مسلمان ایسے ہی ہوتے ہیں۔ وہ مرنے میں کامیابی سمجھتے ہیں ۔ جب اس نے یہ بات کہی تو میرے دل پر اس کا گہرا اثر ہو ا اور میں نے کہا ۔ تب ضرور کوئی بات ہے ورنہ اس طرح جان دینے کے لئے کوئی تیار نہیں ہوسکتا ۔ چنانچہ ایک میں چوری چھپے مدینہ گیا ۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی باتیں سنیں ۔تو میرا دل کھل گیا اور میں نے سمجھا کہ اصل میں یہی سچائی ہے۔ تب میری سمجھ میں یہ بات آئی کہ مسلمان کیوں جان دیتا ہے۔ مسلمان اس لئے جان دیتا ہے کہ اسے روشنی نظرآجاتی ہے ۔ اور جسے روشنی نظر آجائے اس کا مقابلہ وہ شخص کہاں کرسکتا ہے جسے تاریکی ہی تاریکی دکھائی دے ۔ غرض رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور قرآن کریم نے باربار مسلمانوں کو نصیحت کی ہے کہ تم سوچو اور سمجھو ۔ درحقیقت بغیر اس کے ہمیں کسی دوسری قوم پر فضیلت حاصل نہیں ہوسکتی اگر ہم خالی کہیں کہ تم قرآن مانو۔ اور مسلمان بنوتو ہندو کہیں گے ہندو بنو اور وید پڑھو۔ سکھ کہیں گے سکھ بنو اور گرنتھ پڑھو ۔ عیسائی کہیں گے عیسائی بنو اور انجیل پڑھو ۔ پھر ہم اور ان میں کیا فرق رہا۔ صرف ایک ہی فرق ہوسکتا ہے اور وہ یہ کہ ہم سوچ کر مانیں اور سمجھ کر مانیں جب ہم ہر بات کو سوچ اور سمجھ کرمانیں ۔ جب ہم ہر بات کو سوچ کر اور سمجھ کر ماننے کے عادی ہوجائیں گے تو سچی کتاب والا اپنی کتاب پر زیادہ سے زیاد ہ مضبوط ہوتا چلا جائے گااور غلط تعلیم والا زیادہ سے زیادہ اپنی مذہبی تعلیم سے متنفر ہوتا چلا جائے گا ۔ مثلاً ہم قرآن کریم پر غور کریں گے اور اس کی تعلیموں کو سوچیں گے کہ زیادہ سے زیادہ اس میں سے دلائل نکلتے چلے آئیں گے اور ہمار ا ایمان زیادہ سے زیادہ مضبوط ہوتا چلا جائے گا ۔ لیکن ایک عیسائی عیسائیت پر جتنا بھی غور کرے گا اس کا ایمان کمزور ہوتا چلا جائے گا ۔ ایک یہودی جتنا جتناتورات پر غو ر کرے گا کیونکہ وہ محرف و مبدل ہو چکی ہے اس لئے اتنا ہی اس سے بدظن ہوتا چلا جائے گا ۔اسی طرح جتنا جتنا کوئی ویدوں پر غور کرے گا اتنا ہی وہ ویدوں سے بدظن ہوتا چلا جائے گا ۔ گویا غوراور فکر کا یہ نتیجہ ہوگا کہ مسلمان اپنے ایمان میں مضبوط ہوتا چلا جائے گا اورہندو اور عیسائی اور موسائی اپنے ایمان میں متزلزل اور کمزور ہوتے چلے جائیں گے ۔ پس سوچنا اور سمجھنا مذہب کو مضبوط کرتا اور ایمان کو تقویت دیتا ہے ۔ دنیوی لحاظ سے بھی غور کرکے دیکھ لو ابتدائے اسلا م میں مسلمانوں نے سوچا اور علوم پر غور کیا تو وہ کہاں سے کہاں پہنچ گئے ۔ آخر مسلمانوں سے پہلے عربی زبان موجود تھی ۔ بلکہ عربوں کی یہ مادری زبان تھی مسلمانوں سے پہلے تاریخ موجود تھی لیکن باوجود اس کے انہوں نے اسلام سے پہلے کوئی بھی حرکت نہیں کی ۔ لیکن اسلام کے بعد ان میں ایسی تبدیلی پیدا ہوگئی کہ انہوں نے عربی مدوّن کی ۔لغتیں لکھیں۔ زبان عربی کے اصول اور قوائد وضع کئے ۔ صرف و ناحو کے اصول تجویز کئے ۔ فقہ کے اصو ل تجویز کئے ۔تاریخ کے اصول مدوّن کئے ۔ یہ فرق آخر کیوں ہوا؟ اسی لئے کہ مسلمانوں کو تعلیم دی گئی تھی کہ ہربات پر سوچو اور غور کرو۔ جب انہوں نے سوچا تو ہر میدان میں آگے نکل گئے ۔ اور ان میں بڑے بڑے نحوی ۔ بڑے بڑے صرفی ۔بڑے بڑے قاضی۔ بڑے بڑے مؤرخ اور بڑے بڑے جرنیل نظر آنے لگے ۔ لیکن جب مسلمانوں نے سوچنا ترک کردیا اور یورپ نے سوچنا شروع کیا ۔ تو مسلمان گر گئے اور یورپ کے لوگ کہیں سے کہیں نکل گئے ۔
مسلمان جب ایک زندہ قوم تھے۔ وہ ہر چیز میں غور وفکر کرنے کے عادی تھے ۔ اور اس چیز نے ان کے دماغوں کو ایسا روشن کردیا تھا کہ وہ بڑے بڑے جھگڑے نہایت خوش اسلوبی سے طے کرلیا کرتے تھے ۔یورپ میں بچوں کو جوریڈرز پڑھائی جاتی ہیں ان میں ابن ابی لیلیٰ کا ایک واقعہ آتاہے ۔ یہ حضرت عمر ؓ کے زمانے کے ایک مسلمان جج تھے ۔ انہوں نے قضا میں جس طرح ترقی کی اس کا اندازہ اس سے کیا جاسکتا ہے کہ ایک دفعہ ان کے پاس دوشخص لڑتے ہوئے آئے ۔ ان میں سے ایک تیلی تھا ۔ا ور دوسر ا قصائی ۔ جھگڑا یہ تھا کہ کچھ روپوں کے متعلق ان میں سے ایک کہتا تھا کہ یہ میرے روپے ہیں ۔ اور دوسرا کہتا تھا کہ یہ میرے روپے ہیں ۔ آخر انہوں نے اس کے فیصلہ کی ایک راہ نکالی ۔ غور کرو وہ کتنی باریک بات تھی جو انہوں نے سوچی ۔ انہوں نے سوچا کہ ان میں سے ایک قصائی ہے اور ایک تیلی۔ ان دونوں کے پاس کہیں سے اکٹھی دولت نہیں آسکتی ۔یہی ہوسکتا ہے کہ انہوں نے روپیہ روپیہ لے جمع کیا ہو۔ مگر سوال یہ ہے کہ روپے کس کے ہیں۔ اس کے لئے انہوں نے پانی منگوایا اور اسے گرم کروایا۔پھر وہ روپے اس پانی میں ڈال دیئے ۔ یہ دیکھنے کے لئے کہ پانی پر کیا چیز آتی ہے۔ اگر تیل آیا تو روپے تیلی کے ہوں گے اگر چربی آ گئی تو روپے قصاب کے ہوں گے ۔چنانچہ جو نشان آیا ۔اس کے مطابق انہوں نے فیصلہ کردیا ۔ یہ سوچنے کا نتیجہ تھا کہ ان کے دماغ نے فوراً ایک راہ نکال لی اور اس کے مطابق انہوں نے اس جھگڑے کا فیصلہ کردیا ۔ اس قسم کے ان کے اور بھی بہت سے فیصلے مشہور ہیں اور وہ آج تک یورپ کی ریڈرز میں بچوںکو پڑھائے جاتے ہیں ۔اور انہیں سگیسش قاضی یعنی عقلمند قاضی کہا جاتا ہے ۔ کیوں وہ بہت جلد فیصلہ کردیتے تھے او ر فیصلہ نہایت صائب ہوتا تھا۔ مگر اس کیوجہ کیا تھی؟ وجہ یہی تھی کہ انہیں سوچنے اور غور کرنے کی عادت تھی ۔ حضرت عمر ؓ کے زمانہ میں کوفہ کے لوگ باربار شرارتیں کرتے تھے اور جو بھی گورنر مقرر ہوکر آتا اس کی شکایتیں کرنی شروع کردیتے اور آخر اسے بدلوا دیتے حضرت عمرؓ سے ایک دفعہ بعض لوگوں نے کہا کہ آپ کوفہ کے گورنر کو باربار کیوں بدلتے ہیں ۔ ان لوگوں کی تو عادت ہی یہی ہے کہ جو شخص بھی ان کا گورنر بن کرجائے اس کی شکایتیں کرنے لگ جاتے ہیں۔ حضرت عمرؓ نے فرمایا کہ جب تک یہ لوگ گورنر بدلنے کیلئے کہتے چلے جائیں گے میں بھی بدلتا چلا جائوں گا تاکہ ان کا کوئی عذر باقی نہ رہے ۔ آخر جب انکی شکایتیں بہت بڑھ گئیں تو حضرت عمرؓ نے فرمایا کہ اب کی دفعہ میں ایک ایسا آدمی بھیجوں گا جس کے متعلق مجال نہیں کہ کوفہ والے اُف بھی کرسکیں۔چنانچہ انہوں نے ابن ؔ ابی لیلیٰ کو وہاں کا گورنر مقرر کر کے بھیجا ۔اس وقت ان کی عمر ۱۹سال کی تھی۔ کوفہ والوں کو جب پتہ لگا کہ اب ایک ایسا نوجوان ہمارا گورنر بنکرآیا ہے جس کی عمر صرف۱۹سال ہے تو وہ بڑے خوش ہوئے اور انہوں نے سوچا کہ اب ہم اس کا خوب مذاق اڑائیں گے اور اسے اچھی طرح شرمندہ اور ذلیل کریں گے ۔جب ان کے آنے کی وہاں اطلاع پہنچی تو انہوں نے بڑے بڑے آدمیوں کو اکٹھا کیا اور تجویز یہ کی کہ بوڑھو ں اور بڑی عمر والوں کا ایک وفد بنایا جائے ۔ جو شہر سے باہر نکل کر گورنر کا استقبال کرے۔ اس وفد کے ساتھ عام لوگوں کا ایک بھاری ہجوم ہو۔ تمام شہر میں جلوس نکالا جائے اور جب گورنر صاحب تشریف لائیں تو تمسخر کے طور پر ان سے پوچھا جائے کہ جناب کی عمر کیا ہے ؟ چنانچہ انہوں نے ایسا ہی کیا ۔ بڑے بڑے بڈھے اور آزمودہ کار اورشہر کے رئیس ایک وفد کی صورت میں جمع ہوئے ۔ ان کے ساتھ شہر کے ہزاروں آدمی ایک جلو س کی صور ت میں باہر نکلے تاکہ وہ ابن ؔ ابی لیلیٰ کا استقبال کریں ۔ جب وہ قریب پہنچے تو ا یک بہت بڈھا آدمی جس کو انہوں نے سکھایا ہوا تھا آگے بڑھا اور اس نے کہا۔حضور آپ کی عمر کیا ہے ؟ان کا کیا تھاکہ وہ جواب میں کہیں گے کہ ۱۹سال اور اس پر سب لوگ ہنس پڑیں گے ۔ کہ ۱۹سال کا نوجوان کوفہ جیسے شہر میں گورنر بنا کر بھیجا گیا ہے ۔ مگر ان کو سوچنے کی عادت تھی او ر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کو غور کرنے کا ایسا عادی بنا دیا تھا کہ کہ ان کی نگاہ حقیقت تک فوراً پہنچ جاتی تھی ۔ جب انہوں نے کہا۔ حضور آپ کی عمر ؟ تو وہ فوراً تاڑ گئے کہ ان کی غرض سوال کرنا نہیں بلکہ تمسخر اور استہزاء کرنا ہے چنانچہ انہوں نے جواب میں یہ نہیں کہا کہ میری عمر ۱۹سال ہے ۔بلکہ کہا۔ جناب والا!جب رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اسامہ ؔبن زیدؓ کو شام کی فوج کا افسر بناکر بھیجا تھا ۔ جس میں ابوبکرؓاور عمرؓجیسے انسان بھی شامل تھے تو جو عمر اس وقت اسامہ کی تھی اس سے ایک سال میں بڑ اہوں ۔ جب اسامہ کو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے شام کی فوج کا افسر بنا کر بھیجا ہے اس وقت ان کی عمر ۱۸سال کی تھی ۔ یہ جواب سن کرانہوں نے فیصلہ کرلیا ۔ کہ جب تک یہ شخص یہاں رہے اس وقت تک کوئی شرارت نہیں کرنی ۔چنانچہ انہوں نے ایک لمبے عرصہ تک قضاکی۔مگر پھر کسی نے انکے تبادلہ کی درخواست نہیں کی ۔ توانسان کو ہمیشہ سوچنے اور صحیح نتیجہ پر پہنچنے کی کوشش کرنی چاہیئے ۔ اگر وہ ایسا نہ کرے تو اپنے مقام سے گر جاتا ہے ۔اب کُجا تو یہ حالت تھی کہ مسلمان ہر علم میں ترقی کررہے تھے اور کُجا یہ حالت ہے کہ جب انہوں نے یہ کہنا شروع کردیا کہ جو ہوناتھا وہ ہوچکا اب علوم میں ترقی نہیں ہوسکتی تو وہ گر گئے ۔اورایسے گرے کہ اب دنیا کی علمی دوڑ میں غیر مذاہب کے لوگ تو آگے ہیں اور مسلمان پیچھے ہیں ۔ اس کے مقابل میں یورپ نے کہا کہ اگر پہلوں نے ترقی کی تھی تو ہم کیوں نہیں ترقی کرسکتے ۔ہم بھی سوچیں گے اور غورکریں گے اور اس طمع اپنی ترقی کے لے نئے سے نئے راستے نکالیں گے چنانچہ انکے سوچنے کا نتیجہ یہ ہوا کہ انہوں نے کئی قسم کی ایجادیں کرلیں۔ مثلاً وہ ریل جس میں تمام دنیا سفر کرتی ہے ۔ یہ کس چیز کا نتیجہ ہے۔ یہ سوچنے اور غورکرنے کا ہی نتیجہ ہے ریل کے موجد نے لکھا کہ ہنڈیا کو جب چولہے پر چڑھا یا جاتا ہے تو اس کاڈھکنا سٹیم کے زور سے اُچھلتا ہے اس پر غور کرکے اس کا دماغ اس طرف چلا گیا کہ سٹیم میں بہت بڑی طاقت ہے ۔ اگر سٹیم کو بند رکھا جائے اور ہنڈیا کے نیچے پہیئے لگا دیئے جائیں تو وہ دوڑنے لگ جائے گی ۔ چنانچہ اس نے ایسا ہی کیا ۔ہنڈیا کے نیچے پہیئے لگائے سٹیم کو بند کیا اور دوڑنے لگ گئی ۔اسی پر قیا س کرکے اس نے ریل تیا رکرلی۔ اب کون یہ کہہ سکتا ہے کہ اس نے ہنڈیا میں سے کبھی سٹیم نکلتے نہیں دیکھی گھروں میں روزانہ عورتیں کھانا پکاتی ہیں اور مرد روزانہ دیکھتے ہیں کہ سٹیم کے زور سے ہنڈیا کا ڈھکنا اچھل رہا ہے۔ مگر ان کا ذہن کبھی اس طر ف مائل نہیں ہوتا کہ وہ اس پر غور کریں اور سوچیں کہ آخر ایسا کیوں ہوتا ہے ۔ ریل کے موجد نے اسے دیکھا اور اس نے سوچ کر اس نے ایک ایسی چیز بنا لی جس سے آج ساری دنیا فائدہ اٹھا رہی ہے ۔اسی طرح اور کئی چھوٹی چھوٹی باتیں ہوتی ہیں جن سے کچھ کا کچھ نتیجہ نکل جاتا ہے کولمبسؔ کو دیکھو ۔ اس نے مسلمانوں سے یہ سنا ہوا تھا کہ زمین گول ہے ۔ حالانکہ علمِ ہیئت کی ترقی اس وقت اتنی نہیں ہوئی تھی۔دراصل مسلمانوں نے چاند گرھن پر غور کرکے یہ نتیجہ نکال لیا تھا کہ زمین چپٹی نہیں بلکہ گول ہے ۔کیونکہ چاند گرہن کے وقت اس پر ایک گو ل نشان ہوتا ہے ۔ اس نشان سے مسلمانوں نے یہ نتیجہ اخذکیا کہ زمین گول ہے ۔ جب کولمبسؔ نے یہ سُنا کہ مسلمانوں کے علماء کا یہ خیال ہے کہ زمین گول ہے توا س نے یہ نتیجہ نکالا کہ اگر زمین گول ہے تو میں سپین سے چلو ں گا اور ہندوستا ن پہنچ جائوں گا ۔چنانچہ اس نے پہلے بادشاہ اور پھر ملکہ کو تحریک کی کہ وہ اس کی امداد کریں ۔ اور آخر وہ ہندوستان تو نہ پہنچا لیکن ہندوستان سے ایک زیادہ طاقتور ملک امریکہ اُسے مل گیا ۔ یہ نتیجہ کس بات کا تھا ؟اس بات کا کہ مسلمانوں کو سوچنے اورغور کرنے کی عادت تھی ۔ انہوں نے پہلے سوچا کہ چاند گرہن کیوں لگتا ہے اور پھر انہوں نے سوچا کہ یہ نتیجہ نکالا کہ چاند گرہن اس لئے لگتاہے کہ سورج اور چاند کے درمیان زمین آجاتی ہے ۔پھر انہوں نے سوچا کہ گرہن کے وقت چاند پر گول نشان کیوں ہوتاہے ؟اس کا جواب اس کے دماغ نے یہ دیا کہ یہ گول نشان زمین کا ہے ۔ اور یہ گول نشان ثابت کرتاہے کہ زمین چپٹی نہیں بلکہ گول ہے اور جب مسلمان علماء نے کہا کہ زمین گول ہے۔تو یہ کولمبسؔ نے اس سے یہ نتیجہ نکالا کہ جب میں سپین سے چلوںگا تو ساری دنیا کے گر دچکر لگالوں گا ۔ چنانچہ گول چیز کے گرد چکر لگایا جاسکتا ہے ۔چپٹی ہوتو کنارہ پر آکر قدم رک جاتاہے ۔ غرض چھوٹی چھوٹی چیزو ں پر غور کرنے کا نتیجہ یہ ہوا کہ ایک نیا ملک دریافت ہوگیا۔ اتنا بڑ املک کہ آج ساری دنیا امن کیلئے اس کی طرف دیکھ رہی ہے آج ساری دنیا یہ سمجھتی ہے کہ ہماری حفاظت کا ذریعہ ہی یہی ہے کہ یونئیٹڈ سٹیٹس امریکہ کی مدد ہمارے ساتھ ہو۔ یہ عظیم الشان نتیجہ آخر کس طرح نکلا؟ اسی طرح کہ پہلے مسلمانوں نے چاند گرہن پر غور کیا پھر چاند گرہن سے یہ نتیجہ نکالا کہ زمین گول ہے اور کولمبسؔ نے زمین کے گول ہونے سے یہ نتیجہ نکالا کہ اگر وہ گول ہے تو میں ساری دنیا کے گرد چکر لگا لوں گا ۔ چنانچہ وہ چلا اور اس نے ایک نئی زمین دریافت کرلی جو اب اتنا بڑ املک بن گیا ہے کہ ساری دنیا کی راہنمائی کررہا ہے اگر مسلمان چاند کودیکھتے رہتے جس طرح پہلے دیکھا کرتے تھے ۔ اگر مسلمان اس بات پر غور نہ کرتے کہ اس پر گرہن کے وقت گول دائرہ کیوں بن جاتا ہے ۔اگر کولمبسؔ یہ نہ سوچتا کہ زمین کے گول ہونے سے یہ نتیجہ نکلتاہے کہ ساری دنیا کا چکر لگایا جاسکتا ہے تو نہ امریکہ دریافت ہوتا ۔ نہ موٹرکاریں ہوتیں نہ ہوائی جہاز نکلتے نہ بجلی ایجاد ہوتی نہ اتنی عظیم الشان طاقت دنیا پر رونما ہوتی کہ جس کے پیچھے آج انگریز اور فرانس بھی چلنے پر مجبورہیں۔ اسی طرح موجودہ زمانہ میں جتنی ایجادات ہیں وہ ساری کی ساری بہت چھوٹی چھوٹی چیزوں پر غور کرنے کا نتیجہ ہیں۔ ایڈیسنؔ جس نے فونو گراف اوربجلی وغیرہ کئی چیزیں ایجاد کی ہیں میں نے اس کی سوانح عمری پڑھی ہے ۔ وہ لکھتا ہے کہ میں نے جس قدر ایجاد یں کی ہیں یہ سب کی سب بعض چھوٹے چھوٹے مسائل پر غور کرنے کا نتیجہ ہیں ۔ پس سوچنا اور غور کرنا قومی ترقی کیلئے ایک نہایت ہی ضروری چیز ہے ۔جو تو میں بلا سوچے سمجھے صرف نعرے لگانا جانتی ہیں وہ کوئی کام نہیں کرسکتیں ۔ وہ نعروں سے اس وقت کی فضا کو مشوّش کرسکتی ہیں ۔ وہ نعروں سے کمزور بچوں کو ڈرا سکتی ہیں۔ وہ نعروں سے کمزور عورتوں کے دلو ں کو دہلا سکتی ہیں۔لیکن اگر وہ کوئی حقیقی کام کرسکتی ہیں تو صرف سوچ بچار سے اور صحیح نتائج کو اخذ کر کے ۔ حضرت نوح علیہ السلام نے بھی اپنی قوم کو شعور کی طرف توجہ دلائی ۔ اور فرمایا کہ کاش اس قسم کے لغو اعتراضات کرنے کی بجائے تم حقیقت کو سمجھنے کی کوشش کرتے اور وہ مخفی حِسّ جو انسان کوا س کے اندرونی قویٰ کا علم دیتی ہے اس جس کے نتیجہ میں فطرتِ صحیحہ بید ا ہوتی ہے اس سے کام لیتے ہوئے تم دوسروں پر اعتراض کرنے کی بجائے اپنے نفس پرغور کرتے کہ اس میں کیا کیا خامیاں ہیں اور بُرے بھلے کی تمیز کرنے کی طاقت پیدا کرتے ۔
قَالُوْا لَئِنْ لَّمْ تَنْتَہِ یٰنُوْحُ لَنَکُوْ نَنَّ مِنَ الْمَرْجُوْمِیْنَ٭
انہوں (یعنی کافروں) نے کہا۔ اے نوحؑ ! اگر تو باز نہ آیا تو تُو سنگساروں میںشامل ہوجائے گا (یعنی ہم تجھے سنگسار کردیںگے )۔
قَالَ رَبِّ اِنَّ قَوْمِیْ کَذَّبُوْنِ٭
اس پر اُ س (یعنی نوحؑ ) نے کہا ۔اے میرے رب! میری قوم نے مجھے جھٹلادیا ہے ۔
فَافْتَحْ بَیْنِیْ وَبَیْنَھُمْ فَتْحًا وَّنَجِّنِیْ وَمَنْ مَّعِیَ مِنَ الْمُوْمِنِیْنَ٭
پس تو میرے اور ان کے درمیان ایک قطعی فیصلہ کر اور مجھے اور میرے ساتھی مومنوں کو (دشمن کے ) شر سے بچالے۔
فَاَ نْجَیْنٰہُ وَمَنْ مَّعَہٗ فِی الْفُلْکِ الْمَشْحُوْنِ٭
پس ہم نے اس کو اور جو اس کیساتھ ایمان لائے تھے ایک بھری ہوئی کشتی کے ذریعہ (شر سے)بچالیا۔
ثُمَّ اَغْرَقْنَا بَعْدُ الْبٰقِیْنَ٭
پھر اس کے بعد جو باقی لوگ تھے ان کو غرق کردیا ۔
اِنَّ فِیْ ذٰلِکَ لَاٰیَۃً ۔ وَمَا کَانَ اَکْثَرَھُمْ مُّوْمِنِیْنَ٭
اس پر ایک بہت بڑا نشان تھا مگر ان (یعنی کافروں) میں سے اکثر ایمان لانے پر آمادہ نہیں تھے۔
وَاِنَّ رَبَّکَ لَھُوَ الْعَزِیْزُ الرَّحِیْمُ٭
اورتیر ا رب ہی غالب (اور) باربار رحم کرنے والا ہے ۔ ۲۲؎
۲۲؎ حل لغات :۔ اَلْمَرْجُوْمِیْنَ ۔ اَلْمَرْجُوْمُ سے جمع کا صیغہ ہے ۔ اور رَجَمَ سے اسم مفعول ہے ۔ اور رَجَمَہٗ کے معنے ہیں۔ رَمَا ہُ بِالْحِجَارَۃِ۔ اس کو پتھر مارے۔ قَتَلَہٗ ۔اس کو قتل کیا۔ قَذَفَہٗ ۔اس پر الزام لگایا۔لَعَنَہٗ ۔ اُس پر *** کی۔ شَتَمَہٗ ۔ اس کو گالی دی ۔ھَجْرَہٗ۔ اُس کو جدا کردیا طَرَدَہٗ ۔ اس کو دھتکاردیا (اقرب)
اَلْمَشْحُوْنَ: شَحَنَ سے اسم مفعول کا صیغہ ہے۔ اور شَحَنَ السَّفِیْنَۃَ کے معنے ہیں مَلَأَ ھَا کشتی کو بھردیا (اقرب) پس اَلْمَشْحُوْنُ کے معنے ہونگے ۔ بھری ہوئی ۔
تفسیر:۔ حضرت نوح علیہ السلام کے مخالفین نے جب دیکھا کہ وہ دلائل سے نوحؑ کو مغلوب نہیں کرسکتے تو انہوں نے کہا کہ اب تو ہمارے پاس ایک ہی علاج ہے ۔ اگر تم اپنی ان باتوں سے باز نہ آئے تو ہم تجھے پتھر مار مار کر ہلاک کردیں گے ۔ آخر حضرت نوح علیہ السلام خدا تعالیٰ کے حضور جُھکے اور انہوں نے کہا کہ اے میرے رب ! میری قوم نے تو مجھے جھٹلا دیا ہے ۔اب تو ہی میرے اور ان کے درمیان فیصلہ فرما۔ اور مجھے اور میرے ساتھیوں کو ان کے شر سے محفوظ رکھ ۔ چنانچہ خدا تعالیٰ نے حضرت نوح علیہ السلام کی دعا کو سُنا اور اس نے کہا بھری ہوئی کشتی کے ذریعہ انہیں اپنے دشمنوں کے شر سے بچا لیا ۔اور جو باقی لوگ رہ گئے ۔ ان کو طوفان میں غرق کردیا۔ اس واقعہ میں بھی خداتعالیٰ کی عظمت اور اس کی طاقت کا بڑ ابھاری نشان ہے ۔ مگر پھر بھی ان میں سے اکثر لوگ ایمان نہ لائے ۔ لیکن ان کے ایمان نہ لانے کے باوجود تیرے رب کا عزیز اور رحیم ہونا ثابت ہوگیا ۔ نوحؑ نے اپنے دشمنوں پر غالب آگیا ۔ اور نوحؑ کے حقیر سمجھے جانے والے ساتھی دنیا کے سردار بن گئے ۔
اس جگہ نوحؑ کی کشتی کے متعلق اَلجمَشْحُوْن کا لفظ استعمال کیا گیا ہے جس کے معنے بھری ہوئی کشتی کے ہیں مگر ظاہر ہے کہ اگر کشتی پہلے ہی بھری ہوئی ہوتو اورلوگ اس میںسوار نہیں ہوسکتے ۔پھر بھری ہوئی کشتی میں نوحؑ کے ساتھی کس طرح بیٹھ سکتے تھے ؟درحقیقت عربی زبان میں بعض دفعہ کسی چیز کو اس پر بعد میں وارد ہونے والی ہو۔ جیسے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک حدیث میں فرمایا کہ مَنْ قَتَلَ قَتِیْلًا فَلَہٗ سَلْبُہٗ یعنی جو شخص جہاد میں کسی مقتول کو قتل کردے اس کا مال و اسباب قتل کرنے والے کوہی ملے گا ۔ اس حدیث میںآپ نے دوسرے کے متعلق قَتِل کا لفظ استعمال فرمایا ہے۔ حالانکہ وہ بھی زندہ ہوتا ہے ۔ اسی طرح چونکہ وہ کشتی حضرت نوحؑ اور ان کی جماعت کے افراد سے بھرجانے والی تھی۔ اس لئے اللہ تعالیٰ نے کہہ دیاکہ ہم نے انہیں ایک بھری ہوئی کشتی کے ذریعہ نجات دی ۔
کَذَّبَتْ عَادُ الْمُرْسَلِیْنَ٭
(اسی طرح)عادؔ نے بھی رسولوں کا انکار کیا ۔
اِذْ قَالَ لَھُمْ اَخُوْھُمْ ھُوْدٌ اَلَا تَتَّقُوْنَ٭
جب کہ ان سے ان کے بھائی ہود ؑ نے کہا ۔ کیا تم تقویٰ نہیں کرتے ۔
اِنِّیْ لَکُمْ رَسُوْلٌ اَمِیْنٌ٭
میں تمہاری طرف ایک امانت دار پیغامبر ہوکر آیا ہوں۔
فَاتَّقُوااللّٰہَ وَاَطِیْعُوْنِ٭
پس اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور میر ی اطاعت کرو۔
وَمَآ اَسْئَلُکُمْ عَلَیْہِ مِنْ اَجْرٍ۔اِنْ اَجْرِیَ اِلَّا علٰی رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ٭
اور میں تم سے اس (خدمت) پر کوئی بدلہ نہیں مانگتا میرا بدلہ صرف رب العالمین خد اکے ذمہ ہے (جس نے مجھے بھیجاہے)۔ ۲۳؎
۲۳؎ تفسیر:۔ان آیات میں حضرت ہودؑ کو پھرتمام رسولوں کا قائم مقام بتایا گیا ۔ اور رسول کی جگہ مرسلینؔ کا لفظ اس لئے استعمال کیا گیا کیونکہ ایک رسول کا انکار درحقیقت تمام رسولوں کا انکار ہوتاہے ۔ فرماتا ہے۔جس طرح نوحؑ کو اس کی قوم نے جھٹلایا تھا۔ اسی طرح ہود ؑکوبھی اس کی قوم عاد نے جھٹلایا۔ حالانکہ اس زمانہ میں بھی ہم نے یہی حکم دیا تھا ۔ کہ علاوہ کلامِ الٰہی کی اطاعت کے خود ہودؑ کی اطاعت بھی ضرور ی ہے جس کی طرف اَطِیْعُونِ میں اشارہ کیا گیا ہے ۔
اَتَبْنُوْنَ بِکُلِّ رِیْعٍ اٰیَۃً تَعْبَثُوْنَ٭
کیاتم ہر ٹیلہ پر فضول کام کرتے ہوئے عمارت بناتے ہو۔
وَتَتَّخِذُوْنَ مَصَانِعَ لَعَلَّکُمْ تَخْلُدُوْنَ٭
اور تم بڑے بڑے محل بنات ہو تاکہ تم ہمیشہ قائم رہو۔
وَاِذَا بَطَشْتُمْ بَطَشْتُمْ جَبَّارِیْنَ٭
اورجب تم کسی کو پکڑے ہو تو ظالموں کی طرح پکڑتے ہو۔
فَاتَّقُوااللّٰہَ وَاَطِیْعُوْنِ٭
پس(اللہ تعالیٰ) کا تقویٰ اختیار کرو اور میر ی اطاعت کرو۔
وَاتَّقُواالَّذِیْٓ اَمَدَّکُمْ بِمَاتَعْلَمُوْنَ٭
پھر میں کہتا ہوں کہ اس (ذات) کا تقویٰ اختیار کرو جس نے تمہاری ان چیزوں سے مدد کی ہے جن کو تم جانتے ہو۔
اَمَدَّکُمْ بِاَنْعَامٍ وَّبَنِیْنَ٭
اس نے تمہاری مدد کی ہے چارپائے اوربیٹے ۔
وَجَنّٰتٍ وَّعُیُوْنٍ٭
اور باغ اور چشمے دے کر ۔
اِنِّیْٓ اَخَافُ عَلَیْکُمْ عَذَابَ یَوْمٍ عَظِیْمٍ٭
میں تم پر ایک بڑے دن کا عذاب نازل ہونے سے ڈرتا ہوں۔۲۴؎
۲۴؎ حل لغات:۔ رِیْعٌ : اَلرِّیعُ کے معنے ہیں اَلتِّلُّ الْعَالِیْ ۔ اونچا ٹیلہ۔ اَلطّرِیْقُ الْمُنْعَرِجُ فِی الْجَبَلِ۔ پہاڑ میں چڑھائی کا وہ راستہ جو چکر کھا کر جاتاہو۔ اَلْجَبَلُ الْمُوْتَفِعُ ۔ بلند پہاڑ ۔ وَقِیْلَ مَسِیْلُ الْوَادِیْ مِنْ کُلِّ مَکَانٍ مُرْتَفِعٍ۔ اور بعض ائمہ لُغت کہتے ہیں کہ ریع ہر اس جگہ کو کہتے ہیں جہاں اونچی جگہ سے پانی آئے اور بہہ جائے (اقرب)
تَعْبَثُوْنَ:عَبَثَ سے فعل مضارع مخاطب جمع کا صیغہ ہے ۔ اور اَلْعَبَثُ (جو عَبَثَ کا مصدر ہے ) کے معنے ہیں۔ اِرْتِکَابُ اَمْرٍ غَیْرُ مَعْلُوْمِ الْفَائِدَۃِ اَوْلَیْسَ فِیْہِ غَرْضٌ صَحِیْحٌ لِفَاعِلِہٖ ۔ کسی ایسی بات کا کرنا جس کا کوئی فائدہ نظر نہ آتا ہو۔ یا ایسا کام کرنا جس کے کرنے والے کی غرض صحیح نہ ہو(اقرب) پس تَعْبَثُوْنَ کے معنے ہونگے تم بے فائدہ کام کرتے ہو۔
مَصَانِعَ کے معنے ہیں ۔ اَلْقُریٰ وَالْمَبَانِی مِنَ الْقُصُوْرِ وَالْحَصُوْنِ۔ بستیاں اور بڑی بڑی عمارات (اقرب)
بَطَشْتُمْ: بَطَشَ سے جمع مذکر مخاطب کا صیغہ ہے ۔اور بَطَشَ کے معنے ہیں اَخَذَہٗ بِالْعَنْفِ۔ سختی سے پکڑا۔ وَتَنَاوَلَہٗ بِشِدَّ ۃٍ عِنْدَالصَّوْلَۃِ۔ حملہ کے وقت سختی سے پکڑا۔ (اقرب) پس بَطَشْتُمْ کے معنے ہونگے تم سختی سے پکڑتے ہو۔
جَبَّارِیْنَ: جَبَّارٌ کی جمع ہے اور جَبَّارٌ کے معنے ہیں۔ کُلُّ عَاتٍ مُتَمَدِّدٍ ۔متکبر اور سرکش شخص ۔ (اقرب)
تفسیر:۔قوم عاد جس کی طرف حضرت ہود علیہ السلام مبعوث ہوئے فنِ تعمیر میں خا ص شغف رکھتی تھی کیوں کہ اس کی تہذیب کی بنیا د علم ہندسہ ۔کمیسٹری ہیئت پرتھی ۔ اس تہذیب کے بانیوں کاخیال تھاکہ جس طرح خدا تعالیٰ نے مادی عالم میں سورج اور چاند اور ستارے بنائے ہیں اسی طرح انسانی ترقی کے لئے اس نظام کی نقل کرنا ضروری ہے اور اس کا فرض ہے کہ وہ نظامِ شمسی پر غور کرکے اور اسکے راز معلوم کرکے ان کی اتباع کرے ۔ جس طرح آرینؔ ۔ رومنؔ اور ایرانی ثقافت نے متمدن دنیا پر ایک گہرااثر ڈالا۔ اور سابق نظاموںکی جگہ ایک نیا نظام قائم کردیا ۔ اسی طرح بابلی تحریک جس کے بانی قوم عادسے تعلق رکھنے والے تھے اس نے بھی دنیا کے کلچر اور تہذیب پر نہایت گہرااثر ڈالا ۔ اور گو اس تحریک کے بانی کچھ عرصہ بعد سیاسی طور پر اپنی حکومت کو کھو بیٹھے اوراس کی جگہ دوسری اقوام نے لے لی۔مگر ان کو شکست دینے والے ان کے فلسفہ سے آزاد نہ ہوسکے ۔ یہ تحریک چونکہ انتہائی قدیم تحریک ہے اس لئے موجودہ زمانہ میں اس کے آثار بہت کم ملتے ہیں۔ لیکن جتنے آثار بھی ملتے ہیں وہ قرآنی بیانات کی صداقت اور اس کی عظمت کو روشن کردیتے ہیں۔
اس تہذیب کی بنیاد قوم عادکے ہاتھوں رکھی گئی تھی اور اس کو اپنے زمانہ میں اتنی طاقت حاصل تھی کہ ان کے بعد عرب میں کسی اور قوم کو اس قسم کی طاقت حاصل نہیں ہوئی ۔ اس تہذیب بابلی کی علمبردار دو قومیں ہوئیں ہیں ۔ ایک وہ جسے عادِ اولیٰ کہتے ہیں ۔ اور جو تہذیب بابلی کے بانی تھے اور دوسرے ثمود ؔ جو بعد میں اس تہذیب کے حامل بنے اور جو اسی عاد ؔ کی ایک دوسری شاخ تھے ۔ان آیت میںا نہی پہلے عاد یعنی بانیان تہذیب بابلی کا ہی ذکر کیا گیا ہے ۔ اور فرماتا ہے ۔ ہودؑ نے اپنے زمانہ کی مشہور ترین طاقت یعنی قوم عاد سے مخاطب ہوکر کہا ۔ کہ تم لوگ ہر پہاڑی پر شاندار عمارتیں بناتے ہو ۔ اور بڑی بڑی فیکٹریاں اور کمیسٹری کے مرکز تیار کرتے ہواور خیال کرتے ہو کہ تم ہمیشہ قائم رہو گے۔ جیسے یورپ اور روس کے لوگ آج کل یہ خیال کرتے ہیں کہ انکی تہذیب ہمیشہ قائم رہے گی ۔ اس جگہ جو مصانع کا لفظ استعمال کیا گیا ہے اس سے مراد بڑی بڑی فیکٹریاں اور کیمیکل ورکس ہی ہیں۔
پھر فرمایا وَاِذَ بَطَشْتُمْ بَطَشْتُمْ جَبَّارِیْنَ تمہارے اند راتنی طاقت پائی جاتی ہے۔کہ جب تم کسی ملک پر غلبہ پاتے ہو تو تم اس کی تہذیب کو بالکل تباہ کردیتے ہو۔ اس کی جگہ اپنی تہذیب اور اپناتمدن قائم کرتے دیتے ہو۔جَبَّارٌ کے معنے ہیں دوسرے کو نیچا کرکے اپنے آپ کواونچا کرنیوالا ۔ پس اس آیت کا مطالب یہ ہے کہ تم دوسری اقوام کے تمدن اور تہذیب کوتباہ کرکے اپنے تمدن اور تہذیب کو دنیا میں قائم کرتے ہو۔اسی طرح وَاِذَ بَطَشْتُمْ بَطَشْتُمْ جَبَّارِیْنَ سے استنباط بھی ہوسکتا ہے کہ آلات جنگ کی بعض حیرت انگیز ایجادات انہی کے زمانہ میں ہوئی ہیں۔ چنانچہ جس رنگ میں انہوں نے پہاڑوں میں عمارتیں بنائی ہیں ان کو دیکھ کر بعض مؤرخین نے یہ نتیجہ نکالا ہے کہ اس قوم نے بارود اور ڈائنا میٹ ایجاد کرلیا تھا ۔ ان معنوں کی روسے اس آیت کا یہ مطلب ہوگا کہ تم ایسے ایسے سامان جنگ ایجاد کرتے ہو جو نہایت ہی مہلک ہیں اور تم ان کے ذریعہ باقی اقوام کو تباہ کرکے اپنی تہذیب اور اپنا تمدن قائم کردیتے ہو غرض بابلی تحریک میں عمارتوں کی تعمیر اور آلات جنگ کی ایجاد اوررصد گاہوں کے بنانے پر زیادہ زور تھا ۔ چنانچہ بابل کی حکومت کا جو بیان تورات میں آتا ہے اس سے بھی قرآنی بیان کی ہی تصدیق ہوتی ہے ۔ بائیبل میں آتا ہے ۔
’’اور انہوں نے کہا۔ آئو ہم اپنے واسطے ایک شہر بنا دیں اور ایک برج جس کی چوٹی آسمان تک پہنچے ۔ اور یہاں اپنا نام کریں ۔ ایسا نہ ہو کہ تمام روئے زمین پر پریشان ہوجائیں ۔ اور خداوند اس شہر اور برج کو جسے بنی آدم بناتے تھے دیکھنے اترا اور خدا وند نے کہا ۔ دیکھ لوگ ایک ہیں اور ا ن سب کی ایک ہی بولی ہے ۔ اب وَے یہ کرنے لگے سو وے جس کام کاارادہ رکھیں گے اس سے نہ رُک سکیں گے آئو ہم اتریں اور انکی بولی میں اختلاف ڈالیں تاکہ وے ایک دوسرے کی بات نہ سمجھیں ۔ ‘‘(پیدائش باب ۱۱آیت ۴تا۷)
اس حوالہ سے ظاہر ہے کہ یہودی تاریخ کے مطابق بھی ان لوگوں کا بڑا کمال بلند و بالا عمارات بنانا تھا ۔ کیونکہ تورات کے اس حوالہ سے ظاہر ہے کہ دنیا میں زبانوںکے اختلاف کی وجہ یہ ہے کہ کسی وقت بابل ؔکے لوگوں نے ایک بلند عمارت بنانی شرو ع کی تاکہ وہ ان کے لئے ایک نشان قرار پائے اور اس کی وجہ سے وہ پراگندگی سے بچ جائیں ۔ لیکن اللہ تعالیٰ ان کی پراگندگی چاہتاتھا اس لئے اس نے ان کوا س ارادہ سے بعض رکھنے کیلئے ان کی زبانوں میں اختلاف ڈال دیا ۔ نتیجہ یہ ہوا کہ اس قوم میں سے اتحاد مٹ گیا ۔ اور ان کی طاقت ٹوٹ گئی اور وہ اس عمار ت کے بنانے میں ناکام رہے ۔
جو وجہ اس حوالہ میں بتائی گئی ہے وہ تو محض ایک کہانی ہے لیکن اس سے یہ تاریخی شہادت ضرور معلوم ہوجاتی ہے کہ اہلِ بابل اونچی عمارتیں بنانے میں یدِطولیٰ رکھتے تھے ۔ اور ایسی بلند عمارتیں بناتے تھے جن کو دیکھ کر یوں معلوم ہوتا تھا کہ گویا وہ آسمان سے باتیں کر رہی ہیں ۔چنانچہ عرب نے اب بھی بعض نہایت پرانی عمارتیں ملتی ہیں جو بہت بڑی بڑی ہیں ۔ بلکہ سفرِ یورپ کے دوران میں عدن سے چند میل کے فاصلہ پر میںنے خود بعض بڑی بڑی اونچی عمارتیں دیکھی ہیںجو اونچے ٹیلوں پر بنی ہوئی تھیں اوران میں حوض وغیرہ بھی تھے ۔ اور لوگ یہی کہتے تھے کہ یہ عاد کی بنائی ہوئی عمارتیں ہیں ۔
یورپ کے لوگ ایک زمانہ میں عاد کے وجود سے ہی انکار کیا کرتے تھے ۔ اور کہا کرتے تھے کہ عادؔ نام کی کوئی قوم نہیں گزری مگر قریباً نصف صدی سے جب سے کہ عادؔ کے آثار ملے ہیں۔ وہ بھی ماننے لگ گئے ہیں کہ عاد ؔ نام کی ایک قوم ہوئی ہے ۔بلکہ مشہور عیسائی مؤرخ جرجی ؔ زیدان نے ’’العرب قبل الاسلام ‘‘ میںلکھا ہے کہ عاد کے متعلق مؤرخوں کی سینکڑوں صفوں کی کتابیں اس سے زیادہ معلومات بیان نہیںکرسکیں جتنے معلومات قرآن کریم نے اپنے چند الفاظ میں بیان کردیئے ہیں۔ قرآن کریم بتا تا ہے کہ یہ قوم حضرت نوحؑ کی قوم کے معاً بعد گزری ہے ۔ چنانچہ فرماتا ہے وَاذْکُرُوْٓا اِذْ جَعَلَکُمْ خُلَفَآئَ مِنْ بَعْدِ قَوْمِ نُوْحٍ(اعراف ع۹)یعنی یاد کرو جب خدا نے تم کو نوح ؑ کی قوم کے بعد اس کا جانشین بنایا ۔ یہی وجہ ہے کہ خدا تعالیٰ نے پہلے حضرت موسیٰ علیہ السلام کا ذکر کیا جن کی پیشگوئیوں نے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت کی خبر دی گئی تھی ۔ پھر حضرت ابراہیم علیہ السلام کا ذکر کیا جن سے موسوی سلسلہ کی ابتداء ہوئی ۔ پھر حضرت نوح علیہ السلام کا ذکر کیا۔ کیونکہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نوحؑ کی شریعت کے پیرو تھے جیساکہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے وَاِنَّ مِنْ شِعَتِہٖ لَاِبْرَاھِیْمَ ( صآ فات ع ۳)یعنی حضرت ابراہیم علیہ السلام نوحؑ کی جماعت میں سے ہی تھے ۔پس ابراہیم ؑ کے ذکر کے ساتھ اللہ تعالیٰ نے ان کے سلسلہ کے بانی حضرت نوح علیہ السلام کا ذکر فرمادیا۔ اور نوح ؑ کے ذکر کے معاً بعد ہودؑ کا ذکر فرمایا جو قوم عاد ؔ کی طرف مبعوث ہوئے تھے ۔ کیونکہ عاد ہی نے نوح ؑ کی قوم کی جگہ لی تھی ۔
حضرت ہود علیہ السلام نے اپنی قوم کو توجہ دلائی کہ تم بڑے بڑے ٹیلوں پر اونچی عمارتیں کھڑکرتے ہو اوراپنی تہذیب اور تمدن کے قیام کے لئے دوسری اقوام کو ظالمانہ طور پر کچل دیتے ہو۔ مگر یہ سب باتیں عبث ہیںکیونکہ ان ظاہری نشانوں کے باوجود تمہارے نشان مٹ جائیں گے اور قائم صر ف تقویٰ رہے گا۔ تم بڑی بڑی فیکٹریاں اور صنعت گاہیں بناتے ہو اور سمجھتے ہو کہ تمہاری قوم ان کے ذریعہ سے زندہ رہے گی اور اپنی مالی ترقی کے گھمنڈ میں غریبوں پر ظلم کرتے ہو۔ مگر یہ جھوٹی عزت تمہارے کسی کام نہیں آئیگی ۔ فَاتَقُو ا اللہَ وَاَطِیْعُوْنِ اگر زندہ رہنا چاہتے ہو تو اللہ تعالیٰ کا تقوی ٰ اختیار کرو اور میری اطاعت کرو۔
وَاتَّقُو االَّذِیْٓ اَمَدَّکُمْ بِمَا تَعْلَمُوْنَ اَمَدَّکُمْ بِاَنْعَامٍ وَّ بَنِیْنَ ۔ وَجَنّٰتٍ وَّعُیُوْنٍ اِنِّیْ اَخَافُ عَلَیْکُمْ عَذَابَ یَوْمٍ عَظِیْمٍ۔ فرمایا آخر یہ علم جس تم دنیا میں ترقی کر رہے ہو خدا تعالیٰ کے ہی دیئے ہوئے ہیں اور وہ سامان جن سے تم کام لیتے ہو وہ بھی خداتعالیٰ ہی کے دیئے ہوئے ہیں۔ اسی طرح جانور بھی اور اولاد بھی اور باغات بھی۔ اور چشمے بھی سب اسی کی عطا ہیں ۔اگر تم اس کی طرف توجہ نہ کرو گے تو کسی دن یہ سب کچھ چھینا جائیگا ۔
قَالُوْ ا سَوَآئٌ عَلَیْنَآ اَوَعَظْتَ اَمَ لَمْ تَکُنْ مِّنَ الْوٰعِظِیْنَ ٭
انہوں نے کہا تیرا وعظ کرنا یا نہ کرنا ہمارے لئے برابر ہے (کیونکہ جو باتیں ہم کرتے ہیں) ۔
اِنْ ھٰذَآ اِلَّا خُلُقُ الْاَوَّلِیْنَ ٭
وہ تو پہلے زمانہ کے لوگوں سے رائج ہیں ۔
وَمَا نَحْنُ بِمُعَذَّبِیْنَ٭
اور ہم پر (کبھی) عذاب نہیں آئے گا ۔
فَکَذَّ بُوْہُ فَاَھْلَکْنٰھُمْ ۔ اِنَّ فِیْ ذٰلِکَ لَاٰیَۃً۔ وَمَا کَانَ اَکْثَرُھُمْ مُّوْمِنِیْنَ٭
پس ان کافروں نے انکو جھٹلادیا اور ہم نے انکو ہلاک کردیا ۔ اس واقعہ میں ایک بہت بڑا نشان ہے لیکن ان میں اکثر مومنوں میں سے نہ بنے ۔
وَاِنَّ رَبَّکَ لَھُوَ الْعَزِیْزُ الرَّحِیْمُ٭
اور تیر ارب یقینا غالب(اور) باربار رحم کرنے والا ہے ۔۲۵؎
۲۵؎ تفسیر:۔حضرت ہود علیہ السلام نے جب انہیں اللہ تعالیٰ کی طرف توجہ دلائی تو انہوں نے کہا ۔ میاں ایسی نصیحتیں کرو یا نہ کرو ہم نے ماننا تو ہے ہی نہیں۔پہلے زمانوں سے ایسے لوگ ہوتے چلے آئے ہیں جو کہتے تو رہے ہیں کہ زیادہ دولتیں نہ کمائو اور دولتوں کا گھمنڈ نہ کرو۔ مگر پھر بھی یہ دنیا کام کرتی ہی چلی آئی ہے ۔ ہم کو کارخانے بنانے اور دولتیں کمانے پر کوئی عذاب نہیں ہوگا۔اس لئے خواہ تم ہمیں تبلیغ کرو یا نہ کرو ہمارے لئے یہ برابر ہے اور ہم کبھی تمہاری بات نہیں مان سکتے ۔ حقیقت یہ ہے کہ جب کوئی انسان سرکشی اور تمرد میں بڑھ جائے تو اسے نیکی کی طرف توجہ دلانا بڑ ا کٹھن مرحلہ ہوتا ہے ۔لیکن اس مشکل کو تسلیم کرنے کے باوجود قرآن کریم نے مسلمانوں کو یہی ہدایت دی ہے کہ فَذَکِّرْ اِنْ نَّفَعَتِ الذِّکْرٰی (سورئہ اعلیٰ ع ۱)تمہار اکام یہی ہے کہ تم نصیحت کرتے چلے آئو۔ کیونکہ نصیحت کرنا بہرحال دوسروں کو فائدہ پہنچاتا ہے ۔ پس خواہ کوئی کتنا ہی مخالف ہو۔ اس کے متعلق کبھی مایوسی کا اظہار نہیں کرتا چاہیئے ۔دل خدا تعالیٰ کے قبضہ و اختیار میں ہیں۔ تمہار ا کام یہ ہے کہ تم باربار خدا اور اسکے رسول ؐ کی باتیں لوگوں کے کانوں میں ڈالتے رہو۔ ایک دن یقینا ایسا آجائے گا کہ ان کے دل کے زنگ دور ہوجائیں گے ۔ اور وہ ہدایت کو خوشی سے قبول کر لیںگے۔
اولیاء کی کتب میں لکھا ہے کہ ایک شخص مسلمانوں کو سخت دکھ دیا کرتا تھا ۔ اور باوجود سمجھانے کے باز نہیں آتا تھا ۔ آخر کئی لوگوں نے تنگ آکر اس محلہ کو ہی چھوڑ دیا جس میں وہ رہتا تھا ۔ ایک دفعہ ایک بزرگ حج کر رہے تھے کہ انہوں نے اسی شخص کو کعبہ کا طواف کرتے ہوئے دیکھا ۔ انہوں نے حیران ہو کر پوچھا کہ تُو کہاں؟ تیرا کام تو سارادن گانا بجانا اور شرابیں پینا تھا تو کعبہ کا طواف کرنے کے لئے کس طرح آگیا ۔وہ کہنے لگا ۔ ہر چیز کا ایک وقت ہوتا ہے ۔ آپ لوگ مجھے قرآن بھی سناتے اور حدیثیں بھی بتاتے مگر میرے دل پر ذرا بھی اثر نہ ہوتا ۔ ایک دن مجلس لگی ہوئی تھی۔ دوست احباب بیٹھے ہوئے تھے شراب کی صراحیا ں قرینے سے رکھی ہوئی تھیں کہ یکدم مجھے گلی میں سے گزررہا تھا اور قرآن کریم کی یہ آیت بڑی خوش الحانی سے پڑھتا جار ہا تھا کہ اَلَمْ یَاْنِ لِلَّذِیْنَ اٰمَنُوْٓااَنْ تَخْشَعَ قُلُوْبُھُمْ لِذِکْرِ اللّٰہِ۔کیا مومنوں پرا بھی وقت نہیں آیا کہ ان کے دل خدا تعالیٰ کے خوف سے بھرجائیں ۔یہ آیت جونہی میرے کان میں پڑی مجھے یوں معلوم ہو ا کہ یہ آیت ابھی آسمان سے میرے لئے اُتری ہے ۔ میرے آنسو جاری ہوگئے ۔ میں نے مجلس برخواست کردی ۔ گانے بجانے کے آلات توڑ دیئے توبہ کی اور حج کیلئے چل پڑا ۔ تم نے سار ا قرآن مجھے سنادیامگر مجھ پر اثر نہ ہوا لیکن وقت ہوتا ہے۔ ایک آیت نے میر کایاپلٹ دی اور اب میں توبہ کرکے حج کرنے آیا ہوں۔تو قلوب بعض دفعہ ایسے رنگ میں بدلتے ہیں کہ حیرت آجاتی ہے ۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں ایک دفعہ ایک عورت نے دوسری عورت کو مار ااور اس کا دانت توڑ دیا ۔ اسلامی شریعت کی رو سے ضروری تھا کہ اُس عورت کا بھی قصاص کے طورپر دانت توڑا جاتا ۔ چنانچہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے یہ معاملہ پیش ہوا۔ وہ عورت جس نے دانت توڑا تھا اس کیطرف سے حضرت ابوہریرہؓ بطور وکیل پیش ہوئے ۔ اور انہوں نے کہا کہ بیشک قصاص کے طور پر اس کا بھی دانت توڑا جانا چاہیئے مگر میں معافی کی دوخواست کرتا ہوں اگر دوسر ا فریق معاف کردے تو یہ اس کا احسان ہوگا۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی دوسری عورت کے رشتہ داروں سے کہا کہ بیشک شریعت نے تمہیں قصاص کا حق دیا ہے ۔ لیکن اگر تم معاف کردو تو اچھا ہے ۔مگر دوسرے فریق پر کوئی اثر نہ ہوا اور وہ لوگ یہی کہتے چلے گئے کہ دانت کے بدلے جب تک دانت نہ توڑا جائے گا ہم نہیں ٹلیں گے ۔ آخر حضرت ابو ہریرہؓ کو جوش آگیا ۔اور انہوں نے کہا۔ خدا کی قسم میری رشتہ دار عورت کا دانت نہیں توڑا جائے گا یہ الفاظ انہوں نے ایسے جوش سے کہے کہ وہ لوگ جو اس بارہ میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سفارش بھی نہیں مان رہے تھے ۔ڈرگئے اور انہوں نے کہا۔ یا رسول اللہ !ہم نے معاف کیا۔اس پر رسول کریم